Author: afkar@milli2020

  • افکار ملی ایک میگزین نہیں، ایک تحریک ہے

    افکار ملی ایک میگزین نہیں، ایک تحریک ہے

    ایک اہم اپیل

    قارئین کرام

    السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ

    افکار کے ذریعے ہماری ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ امت کو نہ صرف حالات سے باخبر رکھا جائے بلکہ اس میں حالات پر اثر انداز ہونے کا حوصلہ بھی پیدا کیا جائے۔ اس وقت جو طاقتیں برسراقتدار ہیں ان کا اصل ہدف اسلام اورمسلمان ہیں۔ ان کے مذموم مقاصد کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ اسلام اور اس پر عمل پیرا امت مسلمہ ہے۔ تاہم اس کامقابلہ جذباتیت اور اشتعال انگیز ی نہیں بلکہ حکمت و تدبر، دانش مندی اور غورو فکرکے ساتھ بنائی جانے والی حکمت عملی ہے، جس میں امت کے تمام ارباب حل و عقد کو مل جل کر حصہ لینا ہوگا۔ افکار ملی وہ پلیٹ فارم ہوگا جہاں ان امور و مسائل پر اجتماعی غورو فکر ہوگا۔ امت کی فکری و اخلاقی بلندی، اس کی نئی نسل کی صحیح اٹھان، اس کی صلاحیتوں کا ارتقا، اس کی دین سے گہری اور شعوری وابستگی، اس کا اپنے مقصد و نصب العین سے گہرا تعلق، زندگی کے مادہ پرستانہ نقطہ نظر سے اجتناب، ملک و ملت کے تعلق سے اس کا بلند اور واضح وژن، اس میں داعیانہ تڑپ اور اس کے تقاضوں سے عہدہ براء ہونے کی جدوجہد، اس میں امت خیر، امت وسط اور ایک یونیورسل امت ہونے کا احساس پیدا کرنا، یہ سب افکار کے مشن کا بنیادی حصہ ہیں۔ افکار کی یہ بھی کوشش ہوگی کہ امت تعلیمی اعتبار سے امپاور، اقتصادی حیثیت سے خود کفیل اورسیاسی اعتبار سے رہ نمایانہ مقام پر فائز ہوسکے۔ اس کا تقاضا یہ بھی ہوگا کہ اس کی صفوں میں مکمل اتحاد و یگانگت ہو۔

    افکار اسلام اور مسلم دشمن عناصر کی ان سازشوں اور منصوبوں کو بے نقاب کرنے اور تدارک کی راہیں تلاش کرنے اور حکمت عملی بنانے میں ان شاء اللہ معاونت بھی کرےگا۔ ہماری کوشش ہوگی کہ ملت میں انفرادی و اجتماعی حیثیت سے مسلمانوں کو بااختیار بنانے کے جو بھی تعمیری کوششیں ہورہی ہیں ان سے بھی آپ کو واقف کرائیں۔ اسی طرح ہم یہ بھی چاہیں گے کہ مسلم معاشرے میں جو معاشرتی و اخلاقی خرابیاں در آئی ہیں ان کا ازالہ ہوسکے۔ ہماری یہ بھی کوشش ہوگی کہ امت مسلمہ اس ملک کے لیے ایک اثاثہ بن سکے۔ عام انسانی سماج جن مسائل و مصائب سے پریشان ہے ہم اس پر محض ایک تماشائی نہیں بنے رہ سکتے- خیر امت ہونے کی حیثیت سے ہمیں ان مسائل اور ان کی پشت پر موجود عوامل سے کماحقہ واقف ہونا چاہیے اور پھر اس کے تدارک کے لیے بھی عملی جدوجہد کرنی چاہیے۔ اسی طرح فرقہ پرست عناصر نے اسلام اور مسلمانوں سے متعلق جو غلط فہمیاں برادران وطن میں پیدا کرکے انھیں مسلمانوں سے بدظن بلکہ متنفر کردیا ہے، ہمیں اس کے ازالہ کے لیے بھی شعوری کوشش کرنی چاہیے۔ افکار ان امور کی طرف توجہ دلانے کی کوشش کرے گا۔

    ظاہر ہے مذکورہ بالا وسیع تر ایجنڈے کو بروئے کار لانے کے لیے ہر فیلڈ کے ایکسپرٹس اور صحافیوں کی ایک ٹیم درکار ہوگی۔ ان شاءاللہ ہم کچھ اسپیشل ویڈیو رپورٹس اور انٹرویوز بھی پیش کریں گے۔ اسی طرح جلد ہی اس کا پرنٹ ایڈیشن اور ہندی ورژن بھی لانے کا منصوبہ ہے۔ ظاہر یہ سب کام ایک خطیر رقم کا مطالبہ کرتا ہے۔ ہماری یہ بھی کوشش رہے گی کہ آن لائن ایڈیشن فری آف کاسٹ لوگوں کے لیے available رہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے استفادہ کرسکیں۔ لہذا ہم افکار کے بہی خواہوں، اصحاب خیر حضرات اور درد مندان ملت سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ اس پروجیکٹ میں دل کھول کر حصہ لیں گے۔ آپ اپنی رقمیں درج ذیل اکاونٹ میں براہ راست بھیج سکتے ہیں یا چیک یا ڈرافٹ درج ذیل پتے پر بھی بھیج سکتے ہیں۔ اگر براہ راست رقم بھیجیں تو اس کی بینک رسید مع اپنے پتے کے WhatsApp کرکے رسید حاصل کرلیں۔

    Bank Details

    Account Name: Afkar-e-Milli, Delhi

    Bank: State Bank of India

    Ac/No: 10177185053

    IFSC : SBIN0008079

    Branch: Zakir Nagar

    Address Afkar-e-Milli, E-57/1, 5th Floor, Abul Fazal Enclave, Jamia Nagar, New Delhi-110025

    M: 9811828444

    والسلام

    ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس

    ایڈیٹر

  • ناشر کا خط

    ناشر کا خط

    قارئین کرام

    سلام مسنون

    اگست کا شمارہ حاضر ہے۔ مرکزی حکومت  نے بجٹ اجلاس کی ہنگامہ آرائی  کے دوران  ایک ایسا فیصلہ  کر ڈالا جس کے مضر اور دور رس اثرات کو اپوزیشن اور ملک  کی عوام محسوس نہیں  کرسکی اور اس کی وہ مخالفت  نہیں  ہوئی جو کہ ہونی چاہئے  تھی۔ وہ فیصلہ تھا سرکاری  ملازمین پر دوران  ملازمت آر ایس ایس میں  شمولیت  پر لگی پابندی کو ہٹانے کا۔ اس کے کتنے دورس اور مضر اثرات پڑیں  گے ملک پر، جمہوریت پر، ملک کے دستور کی بنیادی دفعات پر اور اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں پر اس کا جائزہ لینا ضروری  ہے۔ اس بار سرورق کی کہانی اسی پر مبنی ہے۔ دہلی یونیورسٹی  کے پروفیسر شمس الاسلام  ہمارے ملک میں آر ایس ایس پر اتھارٹی  مانے جاتے ہیں۔ انہوں  نے ہماری درخواست  پر اس فیصلے  کے مضمرات کا تفصیل  سے جائزہ  لیا ہے۔

    آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا شرما اپنے مسلم دشمن اقدامات کے لئے مشہور ہیں۔ اس بار انہوں  نے ایک مضحکہ خیز، دستور مخالف اور مسلمانوں کی معیشت  کو نقصان پہنچانے والا فیصلہ  کیا کہ اب کوئی ہندو نہ تو مسلمانوں  سے کوئی چیز خریدے گا اور نہ انہیں  کوئی چیز بیچے گا۔ ظاہر ہے تکثیری معاشروں میں  ایسے بے ہودہ فیصلوں کا کوئی مقام نہیں ہے اور نہ وہ ٹہر سکتے ہیں البتہ اگر یہ قانونی  مقام حاصل کرلیں تو دونوں  ہی طبقات کے لئے مشکلات پیدا کرسکتے ہیں۔ نوراللہ جاوید نے یہ اور اسی طرح  کے دوسرے ریاستی  حکومت  کے فیصلوں کا جائزہ لیا ہے اپنے مضمون ” وہ تازہ دم ہیں نئے شعبدے دکھاتے ہیں” میں۔

    بنگلہ دیش کی طلبہ تحریک  نے نہ صرف حسینہ واجد کی تانا شاہی حکومت  کا خاتمہ کیا بلکہ 15 سالوں سے اقتدار پر فائز تانا شاہ کو اس طرح بے آبرو کیا کہ اسے اپنے ملک میں  بھی پناہ نہیں  ملی۔ قاسم سید نے اپنے مضمون ” بنگلہ دیش نئے مستقبل کی تلاش” میں آئندہ کے امکانات پر روشنی  ڈالی ہے۔

    اسماعیل ہنیہ ؒ کی شہادت کے پس پشت اسرائیلی  عزائم اور اس کے فلسطین ۔ اسرائیل  تنازعہ پر پڑنے والے اثرات کا  ڈاکٹر  غطریف شہباز ندوی نے جائزہ لیا ہے اپنے مضمون ” اسماعیل  بنیہ شہید ” میں۔

    ان کے علاوہ بھی کئی اہم موضوعات پر سیر حاصل مضامین اورکچھ دوسرے  اہم  کالمس بھی ہیں آپ کے محبوب  رسالہ میں۔

    اگر آپ چاہتے ہیں  کہ افکار پابندی سے نکلتا رہے اور ملک و ملت کے اہم مسائل سے نہ صرف آپ کو باخبر رکھے  بلکہ ملک و ملت کے اہم مسائل پر گفتگو اور  بحث و تمحیص ایک پلیٹ  فارم بھی بنا رہے تو براہ کرم اسے اپنے پیروں پر کھڑا کرنے اپنا تعاون  بھی پیش کرتے رہیے۔ اس تعلق سے ہماری  اپیل ( صفحہ نمبر    )کو ضرور پڑھیئے اور اگر آپ کو اس سے اتفاق ہے تو پھر دیر نہ کیجئے۔ کبھی کبھی ایک بوند پانی بھی اگر وہ کئی طرف سے اور لگاتار آئے تو دریا بن جاتا ہے۔

    والسلام

    ناشر

  • پیغام ربانی

    پیغام ربانی

    اے لوگو جو ایمان لائے ہو ، کافروں کی سی باتیں نہ کرو جن کے عزیز و اقارب اگر کبھی سفر پر جاتے ہیں یا جنگ میں شریک ہوتے ہیں)اور وہاں کسی حادثہ سے دو چار ہو جاتے ہیں( تو وہ کہتے ہیں کہ اگر وہ ہمارے پاس ہوتے تو نہ مارے جاتے اور نہ قتل ہوتے۔ اللہ اس قوم کی باتوں کو ان کے دلوں میں حسرت واندوہ کا سبب بنا دیتا ہے ، ورنہ دراصل مارنے اور جِلانے والا تو اللہ ہی ہے اور تمہاری تمام حرکات پر وہی نگراں ہے۔ اگر تم اللہ کی راہ میں مارے جاؤ یا مر جاؤ تو اللہ کی جو رحمت اور بخشش تمہارے حصہ میں آئے گی وہ ان ساری چیزوں سے زیادہ بہتر ہے جنھیں یہ لوگ جمع کرتے ہیں۔ اور خوا ہ تم مرو یا مارے جاؤ بہر حال تم سب کو سمٹ کر جا نا اللہ ہی کی طرف ہے۔

    (سورہ آل عمران آیت 156-158)

  • اٹھو  وگرنہ حشر نہیں ہو گا پھر کبھی

    اٹھو  وگرنہ حشر نہیں ہو گا پھر کبھی

    مودی سرکار اپنی تیسری  ٹرم میں  کمزور ہونے کے باوجود اپنے تخریبی  ایجنڈے پر مسلسل گامزن ہے۔ سب سے پہلے اس نے سرکاری ملازمین  پر ملازمت  میں  رہتے ہوئے ان کی آر ایس ایس میں شمولیت پر لگی پابندی کو ہٹادیا۔ اب کوئی بھی سرکاری ملازم علی الاعلان آر ایس ایس کے فسطائی اور فرقہ پرست ایجنڈے پر گامزن رہتے ہوئے اپنے عہدے پر نہ صرف برقرار رہے گا بلکہ اس کی آبیاری بھی کرتا رہے گا۔ اس فیصلہ کے مضمرات  کا اندازہ بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔

    مسلمان اس حکومت کا مرغوب  ترین ایجنڈا ہیں۔ 2024 کا پورا پارلیمانی الیکشن مسٹر مودی  کی پارٹی  نے مسلم نفرت پر ہی لڑا تھا۔ مسلمانوں  کی جان و مال، عزت و آبرو پر تو گزشتہ 10 سالوں  سے برابر اور پے در پے حملے ہوہی رہے تھے ، اب ان کے دین و ایمان، ان کی شناخت، ان کے پرسنل لا اور ان کے عصری و دینی تعلیمی  اداروں کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔ اس طویل اور دراز ہوتے سلسلہ  کی اگلی کڑی کے طور پر حال ہی میں پارلیمنٹ میں وقف ترمیمی بل پیش کیا گیا۔ بظاہر اس کا مقصد بڑا پاک اور لوگوں کو متاثر کرنے والا بتایا جارہا ہے۔ کہا گیا کہ کام کاج میں  شفافیت اور مسلم سماج کے کمزور اور ضرورت مند افراد کو فائدہ پہنچانا پیش  نظر ہے۔ لیکن مجوزہ تمام ترمیمات حکو مت کی بدنیتی اور ناپاک عزائم و ارادوں  کا منہ بولتا ثبوت  ہیں ۔

    اس بل میں وقف ایکٹ کو کمزور کرنے، وقف املاک پر قبضے کی راہ ہموار کرنے، وقف بورڈ وں کی حیثیت گھٹانے، وقف ٹریبونل  اور سروے کمشنروں کے اختیارات کلکٹر وں اور پٹواریوں کو منتقل کرنے کے علاوہ کئی ایسی ترمیمات لائی گئی ہیں  جس سے کہ وقف ایکٹ کی معنویت اور افادیت  ہی ختم ہوکر رہ جاتی ہے۔ سینٹرل  وقف کونسل اور وقف بور ڈوں کے ممبران میں  اضافہ کے علاوہ ان کی نوعیت و حیثیت ہی بدلی جارہی  ہے۔ یعنی اس میں غیر مسلموں کی شرکت کے لئے بھی راستہ ہموار کیا گیاہے۔ یہان تک کہ ممبران  پارلیمنٹ، اسمبلی ممبران اور بار کونسل کے اراکین کے لئے بھی اب مسلمان  ہونے کی شرط باقی نہیں  رہے گی۔ جب کہ مندروں، مٹھوں، عیسائیوں اور سکھوں کے اوقاف و مذہبی اداروں کی انتظامیہ میں دوسرے  مذہب بلکہ بعض جگہ تو دوسری کاسٹ کا بھی کوئی شخص پر نہیں  مارسکتا۔ ایک مضحکہ خیز ترمیم یہ بھی ہے کہ واقف کے لئے پانچ سال تک باعمل مسلمان ہونا ضروری  ہوگا۔ یعنی جو شرط شریعت نے نہیں  لگائی وہ اب حکومت  لگانا چاہتی ہے۔ سوال یہ ہے کسی کے باعمل مسلمان  ہونے کا سرٹیفکیٹ  کون دے گا۔ موجودہ ترمیمی ایکٹ غیر مسلموں  سے وقف کرنے کا حق بھی چھین لیتاہے۔ اسی طرح بطور استعمال (Waqf by User) کو مجوزہ بل میں  سے ہی نکال دیا گیا ہے۔ یعنی اگر کوئی مسجد، کوئی قبرستان یا کوئی درگاہ چاہے برسوں سے استعمال میں کیوں نہ ہو لیکن اگر وہ وقف بورڈ  میں بطور وقف رجسٹرڈ  نہیں ہے تو اس پر قبضہ کی راہ آسان ہو جائے گی۔

    مجوزہ ترمیمی  ایکٹ میں  خواتین، پس ماندہ مسلمانوں اور شیعہ، بوہرہ اور آغا خانیوں کے لئے بھی سیٹیں مختص کی گئی ہیں حالانکہ دوسری  طرف بوہرہ  اور آغا خانی طبقہ کے لئے الگ سے وقف بورڈ  بنانے کا اعلان بھی ہے۔ موجودہ وقف ایکٹ(1995) میں نہ تو خواتین اور نہ ہی پس ماندہ طبقات کی نمائندگی پر کوئی پابندی ہے بلکہ کئی وقف بورڈوں میں خواتین اور پس ماندہ مسلمان بھی وقف بورڈوں  کے ممبر ہیں ۔ دراصل یہ شوشہ  اس لئے چھوڑا گیا تا کہ مسلمانوں  کے اندر دراڑ  پیدا کی جاسکے۔ ویسے بھی حکومت نے مسلمانوں  کے اندر اپنے کچھ زرخرید تو پیدا ہی کرلئے ہیں جو پریس  کانفرنسیں کرکر کے اور گودی میڈیا کے چینلوں اپنے آقاؤں کے سر میں  سر ملاکر اس سازش کے کل پرزےبن رہے ہیں۔ ملت کو ان آستین کے سانپوں سی ہوشیار رہنے کی ضرورت  ہے۔

    وقف امینڈمینٹ بل پر پارلیمنٹ میں اپوزیشن  کی سخت مخالفت ، این  ڈی اے کے بعض حلیفوں کے تحفظ اور آل انڈیامسلم پرسنل لا بور ڈ اور مسلم جماعتوں  کے سخت رویہ  کی وجہ سے یہ بل سردست جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی  کے حوالے کردیا گیا ہے ۔ تاہم یہ بات طے ہے کہ کمیٹی  میں  بی جے پی ممبران کی اکثریت کی بناء پر کوئی بھی معقول بات مانی نہیں  جائے گی بلکہ لیپا پوتی کرکےاسے یہ کہہ کر پارلیمنٹ میں  دوبارہ پیش  کردیا جائے گا کہ اس پر سب کی سہمتی ہوگئی ہے۔ اس وقت امت کا حال یہ ہوگا کہ اب پچھتائے کیا ہوت جب چڑیان چگ گئی کھیت۔

    ہمارا خیال ہے کہ اب مسلم پرسنل لا بورڈ ، تمام مسلم جماعتوں اور مسلمانوں  کی ہر چھوٹی  بڑی تنظیم و شخصیت  کو وقف ترمیمی بل کی مکروہ سازش کے خلاف پوری  طاقت اور قوت سے صف آراء ہوجانا چاہیے۔ مسئلہ صرف ایک دو املاک کا نہیں ہے بلکہ پورے ملک میں  پھیلی  ہزاروں  ایکڑ پر مبنی وقف املاک زد میں ہیں، جنہیں ہمارے بزرگوں اور اسلاف نے اللہ کے لئے اور امت مسلمہ کی دینی، ملی اور فلاحی  ضرورت  کے لئے وقف کیا تھا ۔ یہ حکومت کی عطا کردہ یا کسی سے جبراً اور غیر قانونی  طور پر حاصل کردہ املاک نہیں  ہیں۔ ویسے بھی ہم دیکھ رہے ہیں کس طرح عدالتی جبر کے ذریعہ بابری  مسجد ہم سے چھین لی گئی اور اب عبادت گاہوں  سے متعلق قانون کی موجودگی کے باوجود عدالتیں من مانے فیصلے  دے رہی ہیں۔ گیان واپی مسجد ہو یا متھرا کی شاہی عید گاہ یا پھر    بھوج شالہ مسجد ہو یا لکھنو کی ٹیلہ والی مسجد یا پھر ہگلی کی عید گاہ سب پر ظالم گدھوں کی نگاہیں لگی ہوئی ہیں۔ پھر اس کے علاوہ سینکڑوں  ایکڑ کی وہ املاک بھی ہیں جس پر خود حکومتوں نے قبضہ  کر رکھا ہے۔

    بس اب ایک ہی راستہ ہے وہ ہے عوامی احتجاج کا راستہ۔ جمہوریت میں  اصل آواز اور اصل دباؤ  عوام ہی کا ہوتا ہے۔ ماضی میں شاہ بانو کا معاملہ ہو یا حال کی سی اے اے CAA مخالف تحریک یہ عوامی  سیلاب ہی تھا جس نے حکومت کے پسینے چھڑا دئے تھے۔ اپوزیشن پارٹیاں بھی یہی زبان سمجھتی ہیں۔ منت سماجت اور اپیلوں  کو وہ ہماری کمزوری اور بے بسی سمجھتی ہیں اور اسے خاطر میں  نہیں  لاتیں۔  اگر خدانخواستہ ملت کے ارباب حل وعقد، دینی و ملی جماعتیں بیانات، پریس کانفرنسوں، یاداشتوں، اپیلوں  اور ملاقاتوں سے آگے کچھ اور کرنے پر آمادہ نہ ہوں تو پھر ملت کے نوجوانوں اور عامتہ المسلمین کو اپنے بل بوتے پر  ازخود ملک کے طول و عرض میں ایک عوامی تحریک  کھڑی کرنی چاہیے، جیسا کہ انہوں  نے ابھی حال میں  اینٹی سی اے اے تحریک  میں  دکھایا ہے۔ یاد رکھئے اگر ملت اس ظالمانہ بل کے خلاف کھڑی ہوگئی تو پھر دیگر اقلیتیں، دلت، ادی باسی اور تمام محروم و مظلوم طبقات آپ کے شانہ بشانہ ہوں گے جس کا مشاہدہ   ہم نے سی اے اے مخالف تحریک میں کیا ہے۔ پھر ایک ہی نہیں ہر مسئلہ  ان شاءاللہ حل ہوگا۔  بنگلہ دیش  کی طلبا تحریک کی اثر پذیری کو ہم ابھی ابھی دیکھا ہے۔ لہذا

    اٹھو  وگرنہ حشر نہیں ہو گا پھر کبھی

    دوڑو زمانہ چال قیامت کی چل گیا

  • سرکاری ملازمین کی آرایس ایس میں شمولیت کے مضمرات

    سرکاری ملازمین کی آرایس ایس میں شمولیت کے مضمرات

    آر ایس ایس-بی جے پی حکومت کی طرف سے 9 جولائی 2024 کو جاری ہونے والے ہدایت  نامے میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے 1966، 1970 اور 1980 میں جاری کردہ ہدایات کا "جائزہ” لیا ہےاوراس میں سے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کا تذکرہ ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ ہدایات (آفیشل میمورنڈم) 30نومبر 1966، 25جولائی 1970 اور 28اکتوبر 1980 کو جاری کی گئی تھیں۔ اندرا گاندھی کے دور حکومت میں جاری کی گئی ان ہدایات میں سرکاری ملازمین کی آر ایس ایس اور جماعت اسلامی کی سرگرمیوں میں شرکت پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ 1966 کی ہدایت جس کے بعد اس پر عمل درآمد شروع ہوا ،میں درج ہے کہ "کوئی بھی سرکاری ملازم کسی سیاسی جماعت یا کسی ایسی تنظیم کا رکن یا اس سے منسلک نہیں ہو گا جو سیاست میں حصہ لیتی ہے، نہ اس کی سرگرمیوں میں حصہ لے گا اور نہ  اس کے طریقے پر کسی سیاسی تحریک یا سرگرمی میں مدد کرےگا۔”

    درحقیقت یہ ہدایات سردار پٹیل کے تحت وزارت داخلہ کی طرف سے وضع کردہ اصول کا تسلسل تھا۔ گورنمنٹ سرونٹ کنڈکٹ رولز 1949 کے تحت سرکاری ملازمین کے سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی ہے۔ امریکہ کے برعکس ایک غیر متعصب اور غیر جانبدار بیوروکریسی کو یقینی بنانے کے لیےایسا کیا گیا تھا، جہاں بیوروکریسی کو عام طور پر حکمراں جماعت کے ساتھ جوڑا جاتا ہے اور اس کو’committed bureaucracy’ کہا جاتا ہے۔

    9 جولائی کی ہدایت 23 جولائی کو منظر عام پرآئی،  جس نے آر ایس ایس کو نہ صرف سیاسی تنظیم کے زمرے سے نکال دیا بلکہ جمہوری و سیکولر سیاست کے لیے خطرہ قرار دینے کو بھی منسوخ کر دیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مرارجی ڈیسائی (1977-79) اور اٹل بہاری واجپائی (1996) میں ایک ماہ کے لئے اور (1998-2004) کی سربراہی میں  آر ایس ایس نواز ہندوستانی حکومتوں نے کبھی بھی آر ایس ایس پر یہ احسان کرنے کی ضرورت  نہیں سمجھی۔  یہ بات بھی اہم ہے کہ 9 جولائی کا سرکاری حکم  جماعت اسلامی کے بارے میں خاموش ہے، جسے اندرا گاندھی حکومت نے آر ایس ایس کے ساتھ جوڑدیا تھا۔ مودی حکومت کایہ حکم نامہ مودی اور آر ایس ایس کے درمیان دراڑ کی تمام کہانیوں کو مسترد کر تاہے۔ واقعہ یہ ہے کہ مودی نے آر ایس ایس اور ہندوتوا کے منصوبے سے اپنی وفاداری ثابت کرنے میں کبھی کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

    ہمیں 9 جولائی کو آرایس ایس کو دئے گئے  کریکٹر سرٹیفکیٹ کا اس کی تحریروں اور تقریروں سے موازنہ کرنا چاہیے۔ کیا آر ایس ایس کبھی غیر سیاسی تنظیم اور جمہوری سیکولر ہندوستان کی وفادار رہی ہے؟ نہ ایسا پہلے کبھی تھا اور نہ اب ہے- بیوروکریسی کے لیے آر ایس ایس کے دروازے کھولنے سے مودی حکومت کی گزشتہ دس سالوں میں دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کی اگر کچھ ساکھ باقی رہ گئی تھی تو اس سے یہ بھی تباہ ہوجائے گی۔ ذیل کی سطور میں ہم نے اس  کا جائزہ لیا ہے۔

     

    کیا آرایس ایس ایک غیر سیاسی تنظیم ہے؟

    آر ایس ایس کے اس دعوے کا کہ وہ ایک ثقافتی و سماجی تنظیم ہے اور اس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے کا ایم ایس گولوالکر جنہوں نے آر ایس ایس کے بانی  بی ہیڈگیوار کے بعد اس تنظیم کی سربراہی کی اور جنہیں  تنظیم کا سب سے بڑا نظریہ ساز سمجھا جاتا ہے ، کے درج ذیل دو بیانات سے موازنہ کرنا چاہئے۔ پہلا بیان ہمیں ان اہلکاروں کے بارے میں بتاتا ہے جنہیں سیاست میں جوڑ توڑ کے لیے بھیجا جاتا ہے اور یہ کہ آر ایس ایس ان سے کیا توقع رکھتی ہے۔ 16 مارچ 1954 کو سندھی، وردھا میں تقریر کرتے ہوئے انہوں نے کہا:

     "اگر ہم کہتے ہیں کہ ہم تنظیم کا حصہ ہیں اور اس کے نظم و ضبط کو تسلیم کرتے ہیں تو پھر اپنی زندگی میں من چاہی چیزیں منتخب کرنے کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ ہم سے جو کہا جائے وہ ہمیں کرن ہے۔ اگر کہا جائے کہ کبڈی کھیلو! تو کبڈی کھیلو۔ میٹنگ کرنے کو کہا  جائے تومیٹنگ کرو۔۔۔ مثال کے طور پر ہمارے کچھ دوستوں سے کہا گیا کہ سیاست میں جا کر کام کریں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ وہ اس میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں یا ان کے اس سے کچھ خواب وابستہ ہیں۔ وہ سیاست پر اس طرح نہیں مرتے جیسے پانی کے بغیر مچھلی۔ اگر انہیں سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا حکم ملے  تب بھی انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگنا چاہیئے۔ ان کی ذاتی پسند جاننے کی ضرورت نہیں ہے۔”

    [گولوالکر ، شری گرو جی سماگر درشن (ہندی میں گولوالکر کے جمع کردہ کام)، بھارتیہ وچار سادھنا، ناگپور، جلد 3، ص۔ 33۔]

    دوسرا بیان بھی بہت اہم ہے جس میں کہا گیا:

    "ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ ہمارے کچھ سویم سیوک [کیڈر] سیاست میں کام کرتے ہیں۔ وہاں انہیں کام کی ضروریات کے مطابق جلسے جلوس وغیرہ کا اہتمام کرنا پڑتا ہے، نعرے لگانے ہوتے ہیں۔ ان سب چیزوں کی ہمارے کام میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ تاہم ایک اداکار کو اپنی بہترین صلاحیت کے مطابق دئے گئے کردار کو پیش کرنا چاہیے۔ لیکن بعض اوقات سویم سیوک ایک اداکار کو تفویض کردہ کردار سے آگے بڑھ جاتے ہیں کیونکہ ان کے دل میں حد سے زیادہ جوش ہوتا ہے۔یہاں  تک کہ وہ اس کام کے لیے بیکار ہو جاتے ہیں۔ یہ مناسب نہیں ہے۔” 4

    [حوالہ سابق، جلد. 4، صفحہ 4-5۔]

    یہاں ہم دیکھتے ہیں گورو گولوالکران سویم سیوکوں کوجو سیاسی شاخ کو بطور قرض  دیئے گئے ہیں کو ایسا ’نٹ‘ یا اداکار قرار دیتے ہیں جن کا مقصد آر ایس ایس کی دھن پر رقص کرنا ہے۔یہاں اس حقیقت کو نہیں بھولنا چاہئے کہ گولوالکر کے اوپر درج سیاسی بازو کو کنٹرول کرنےوالے منصوبے کو 1951 میں جن سنگھ (بی جے پی کی پیش رو پارٹی) کے قیام کے تقریباً نو سال بعد مارچ 1960 میں بیان کیا گیا تھا۔

     آر ایس ایس کے مضبوط سیاسی عزائم ہیں اور آر ایس ایس کے ایک کتاب سے اس کے  اس منصوبے کی مزید تصدیق ہوتی ہے۔ آر ایس ایس کے مرکزی اشاعت گھرسروچی پرکاشن، جھنڈے والان، نئی دہلی،  نے پرم ویبھو کے پتھ پر (1997) نامی کتاب  شائع کی جس میں آر ایس ایس کی طرف سے مختلف کاموں کے لیے بنائی گئی 40 سے زیادہ تنظیموں کی تفصیلات درج ہیں۔ ایک سیاسی تنظیم کے طور پر بی جے پی اس میں نمایاں طور پر تیسرے نمبر پر ہے۔ اس فہرست میں اے بی وی پی، ہندو جاگرن منچ، وشو ہندو پریشد، سودیشی جاگرن منچ اور سنسکار بھارتی وغیرہ  بھی شامل ہیں۔ کتاب کا دیباچہ خود اعلان کرتا ہے کہ ” سیوم سیوکوں کی مختلف طرح کی سرگرمیوں کے علم کے بغیر  آر ایس ایس کا تعارف نامکمل ہے۔ اس کو ذہن میں رکھتے ہوئے کہ اس کتاب میں سویم سیوکوں کی مختلف سرگرمیوں کے بارے میں مختصر معلومات فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ یہ کتاب 1996 تک کی تنظیمی حیثیت کا احاطہ کرتی ہے…ہمیں یقین ہے کہ یہ کتاب ان لوگوں کے لیے کارآمد ثابت ہوگی جو آر ایس ایس اور اس کے رضاکاروں کوسمجھنا چاہتے ہیں”۔ 5

    سپرے، ایس ڈی، پرم ویبھو کے پتھ پر، سروچی، دہلی، 1997، صفحہ۔ 7۔]

     

    آر ایس ایس ہندو راشٹر کے قیام کے لیے پرعزم ہے:

    اگر سرکاری ملازمین کو آر ایس ایس کی ‘شاکھاؤں’ میں شامل ہونے کی اجازت دی جاتی ہے تو ان کے لیےمندرجہ ذیل پرارتھنا (دعا) اور پرتیگیا (حلف)  کو پڑھنالازمی ہوگا، جن کو ہر ‘شاکھا’ میں پڑھنا ضروری ہے۔

    پرارتھنا:

    پیاری مادر وطن، میں ہمیشہ آپ کے سامنے جھکتا ہوں/اے ہندوؤں کی سرزمین، آپ نے مجھے آرام وسکون سے پالا ہے/اے مقدس سرزمین، خیر کی عظیم خالق، میرا یہ جسم آپ کے لیے وقف ہو/میں بار بار آپ کے سامنے جھکتا ہوں/ اے خدائے بزرگ و برتر، ہم ہندو راشٹر کے اٹوٹ انگ آپ کو عقیدت کے ساتھ سلام پیش کرتے ہیں/تیرے مقصد کے لیے ہم نے اپنی کمر کس لی ہے/اس کی تکمیل کے لیے ہمیں برکت عطا  فرما۔‘‘ 6

    [آر ایس ایس، شاکھا درشیکا، گیان گنگا، جے پور، 1997، صفحہ 1۔]

    حلف:

    "میں طاقت ور خدا اور اپنے آباؤ اجداد کے سامنے انتہائی سنجیدگی سے یہ حلف لیتا ہوں کہ میں اپنے مقدس ہندو مذہب، ہندو سماج، اور ہندوؤں کی ترقی کو فروغ دے کر بھارت ورش کی ہمہ گیر عظمت حاصل کرنے کے لیے آر ایس ایس کا رکن بنوں گا۔ میں سنگھ کے کام کو ایمانداری  اور بے لوثی کے ساتھ دل و جان سے انجام دوں گا اور ساری زندگی اس مقصد پر قائم رہوں گا۔ بھارت ماتا کی جے” 7 [حوالہ سابق، ص. 66۔]

    لہذا سرکاری ملازمین  نے ملازمت شروع کرتے وقت جمہوری-سیکولر ہندوستان کےلئے جوحلف لیا تھا اس کو ایفا نہیں کرسکیں گے بلکہ اسے ایک ہندو تھیوکریٹک حکومت میں تبدیل کرنے کا عہد کریں گے۔

     آر ایس ایس اور قومی پرچم کی بے حرمتی

    ہندو راشٹر کی تعمیر کے اس عزم کی وجہ سے قومی ترنگا اور آئین ہند جو ہندوستانی سیکولر جمہوری سیاست کی دو عظیم علامتیں ہیں، سے آر ایس ایس کو نفرت ہے۔

    آر ایس ایس 1925 میں اپنے قیام کے بعد سے مطالبہ کررہا ہے کہ ہندوستان ایک ہندو ملک ہے اور اس کا قومی پرچم صرف بھگوا جھنڈا ہونا چاہیے۔ جب دستور ساز اسمبلی نے ترنگے کو قومی پرچم قراردیا تو آر ایس ایس نے دہلی کے لال قلعہ کی فصیل پر بھگوا جھنڈا لہرانے کا مطالبہ کیا اور ترنگے کے انتخاب کی مندرجہ ذیل الفاظ میں مذمت کی:

    "جو لوگ شومئی قسمت سے اقتدار میں آئے ہیں وہ ہمارے ہاتھوں میں ترنگا  تودے سکتے ہیں لیکن یہ ہندوؤں کے درمیان نہ تو کبھی عزت پا سکے گا اور نہ ہی وہ اس کو تسلیم کریں گے۔  لفظ تین بذات خود ایک برائی ہے اور تین رنگوں والا جھنڈا جو کہ ملک کے لیے نقصان دہ ہے، یقیناً بہت برا نفسیاتی اثر ڈالے گا  ۔

    (آرگنائزر (آر ایس ایس کا انگریزی ترجمان) Mystery behind the bhagwa dhwaj’ ، 14 اگست 1947۔)

     جمہوری-سیکولر ہندوستانی آئین کو منوسمرتی سے بدلنے کا عہد :

    آر ایس ایس آئین ہند کے ساتھ کتنی وفادار ہے اس کا اندازہ گولوالکر کے درج ذیل بیان سے لگایا جا سکتا ہے، جسے بنچ آف تھاٹ  نامی کتاب کے ذریعہ دوبارہ پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ کتاب  نہ صرف ایم ایس گولوالکر کی تحریروں کا انتخاب ہے بلکہ آر ایس ایس کیڈرس کے لیے بائبل کادرجہ رکھتی ہے۔

    "ہمارا آئین بھی بوجھل اور وسیع ہے جس میں مغربی ممالک کے مختلف آئینوں کی دفعات شامل ہیں ۔ اس میں قطعی طور پرایسا کچھ نہیں ہے جسے ہمارا اپنا کہا جا سکے۔ کیا اس کے رہنما اصولوں میں ایک لفظ بھی ایسا ہے جو  ہمارا قومی مشن ہے یا جس کی  ہماری زندگی میں کلیدی حیثیت ہے؟ ” 10

    [گولوالکر، بنچ آف تھاٹ، ساہتیہ سندھو، بنگلور، 1996، صفحہ۔ 238۔]

    دراصل آر ایس ایس کی خواہش ہے کہ اس آئین کو منوسمرتی یا کوڈز آف منو سے تبدیل کیا جائے جو اچھوت اور خواتین کے تئیں تضحیک آمیز اور غیر انسانی حوالہ جات کے لیے جانی جاتی ہے۔ جب ہندوستان کی دستور ساز اسمبلی نے 26 نومبر 1949 کو ہندوستان کے آئین کو حتمی شکل دی تواس سے آر ایس ایس خوش نہیں تھا۔ اس کے ترجمان آرگنائزر نے 30 نومبر 1949 کے اپنے اداریہ میں ان الفاظ میں شکایت کی:

    "لیکن ہمارے آئین میں قدیم بھارت میں منفرد آئینی ترقی کا کوئی ذکر نہیں ہے۔ منو کے قوانین اسپارٹا کے لائکرگس یا فارس کے سولون سے بہت پہلے لکھے گئے تھے۔ آج بھی اس کے قوانین جیسا کہ مانوسمرتی میں بیان کیا گیا ہے، دنیا کی تعریف کو پرجوش انداز میں پیش کرتے ہیں اور خود بخود اطاعت اور مطابقت پیدا کرتے ہیں۔ لیکن ہمارے آئینی پنڈتوں کے لیے اس کا کوئی مطلب نہیں ہے۔‘‘

    جمہوریت مخالف:

    اس میں کوئی شک نہیں کہ ایسی تنظیم جو کھلم کھلا قومی پرچم اور آئین کی توہین کرتی ہے، کی سرگرمیوں میں سرکاری ملازمین کی شرکت  سے جمہوری سیکولر ہندوستان کے خاتمے کا عمل تیز  ہوجائےگا۔

    جمہوریت مخالف:

    آر ایس ایس  کاجمہوریت کے اصولوں کے برعکس مسلسل یہ مطالبہ رہا ہے کہ ہندوستان میں مطلق العنان حکومت قائم ہو۔ گولوالکر نے 1940 میں مدراس میں آر ایس ایس کے 1350 اعلیٰ سطح  کے کیڈروں کے سامنے تقریر کرتے ہوئے اعلان کیا: "ایک پرچم، ایک رہنما اور ایک نظریے سے متاثر آر ایس ایس اس عظیم سرزمین کے ہر کونے میں ہندوتوا کی مشعل روشن کر رہا ہے۔” [شری گروجی سماگر درشن، جلد۔ 1، ص۔ 11۔]

    ایک پرچم، ایک لیڈر اور ایک نظریہ کا یہ نعرہ براہ راست یورپ کی نازی اور فاشسٹ پارٹیوں سے مستعار لیا گیا ہے۔ اس طرح، وہ تمام لوگ جو آر ایس ایس کی دھن پر رقص کریں  گے قدرتی طور پر ان کے نظریات جمہوری ہندوستان کے خلاف ہوں گے۔

    وفاقیت کے خلاف:

    آر ایس ایس آئین ملک کا وفاقی ڈھانچہ جو ہندوستانی سیاست کی ایک بنیادی خصوصیت ہے،کے بھی خلاف ہے ۔ یہ گولوالکر کے درج ذیل خط سے بھی واضح ہوتا ہے جسے انہوں نے 1961 میں قومی یکجہتی کونسل کے پہلے اجلاس میں بھیجا تھا۔

    "آج کا وفاقی طرز حکومت نہ صرف علیحدگی پسندی کو جنم دیتا ہے بلکہ ایسے جذبات کو پروان بھی چڑھاتا ہے- وہ ایک قوم کی حقیقت کو تسلیم کرنے کا انکاری ہے بلکہ  اسے تباہ کر دیتا ہے۔ لہذا اسے مکمل طور پر جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے، آئین کو پاک کیا جائے اور حکومت کی وحدانیت قائم کی جائے۔ [حوالہ سابق، جلد. 3، ص۔ 128۔]

    تصور کریں کہ جس بیوروکریسی کو ہندوستان کے وفاقی سیٹ اپ کے لیے پابند کیا جانا چاہیے وہ آر ایس ایس کی خواہشات کے مطابق اسے تباہ کرنے کے لیے کام کرے گی۔

     

     گاندھی جی کے قتل میں آر ایس ایس کا کردار

    یہ شرم  کی بات ہے کہ ہندوستان میں سرکاری ملازمین کو ایک ایسی تنظیم کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی اجازت دی جارہی ہے جسے سردار پٹیل جیسے شخص نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے قتل کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔ پٹیل نے بطور ہندوستان کے پہلے وزیر داخلہ  18 جولائی 1948 کو ہندو مہاسبھا کے ایک سرکردہ رہنما شیاما پرساد مکھرجی کو اپنے خط میں لکھاتھا:

    "جہاں تک آر ایس ایس اور ہندو مہاسبھا کا تعلق ہے چوں کہ گاندھی جی کے قتل سے متعلق کیس زیر سماعت ہے لہذا مجھے ان دونوں تنظیموں کی شمولیت کے بارے میں کچھ نہیں کہنا چاہیے، لیکن ہماری رپورٹس اس بات کی تصدیق کرتی ہیں کہ ان دونوں تنظیموں خصوصاً آرایس ایس کی سرگرمیوں کے نتیجے میں ملک میں ایک ایسا ماحول بنا جس سے ایسا ہولناک سانحہ ممکن ہوا۔ میرے ذہن میں کوئی شک نہیں کہ ہندو مہاسبھا کا انتہا پسند طبقہ اس سازش میں ملوث تھا۔ آر ایس ایس کی سرگرمیاں حکومت اور ریاست دونوں کے وجود کے لیے واضح خطرہ ہیں۔ ہماری رپورٹوں سے پتہ چلتا ہے کہ پابندی کے باوجود وہ سرگرمیاں ختم نہیں ہوئی ہیں۔ درحقیقت، جیسے جیسے وقت گزرتا جا رہا ہے، آر ایس ایس کے حلقے مزید ڈھیٹ ہوتے جا رہے ہیں اور اپنی تخریبی سرگرمیوں میں تیزی سے ملوث ہو رہے ہیں۔”

    (سردار پٹیل کا خط نمبر 64: سلیکٹ کراسپانڈنس19450-1950، جلد۔ 2، نوجیون پبلشنگ ہاؤس، احمد آباد، 1977، صفحہ 276-277۔)

    اگر آر ایس ایس کی فلسفیانہ وابستگی اور سرگرمیاں ایسی ہیں تو کسی بھی محب وطن ہندوستانی کجا کہ سرکاری ملازمین کو اس کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی اجازت کیسے دی جا سکتی ہے؟ اب وقت آگیا ہے کہ وہ تمام تنظیمیں اور افراد جو ایک سیکولر جمہوری ہندوستان میں یقین رکھتے ہیں، یہ سوال پوچھیں کہ جب ‘ماؤوادی’، ‘خالصتانی’ اور ‘اسلام پسند’، ‘اربن نکسل’ وغیرہ کو معمول کے مطابق ملک دشمن قرار دیا جاتا، جیل میں ڈالا اور پھانسی پر لٹکایا جاتا ہے- کیونکہ ان کا مقصد ہندوستان کے آئینی سیٹ اپ کو تباہ کرنا ہے تو پھر آر ایس ایس اس جانچ سے باہر کیوں؟ بدقسمتی یہ ہے کہ ہندو علیحدگی پسندی کو اس کے خوفناک، ملک اور انسانیت دشمن ریکارڈ کے باوجود ہندوستانی جمہوریت کے لیے کبھی ایک سنگین خطرہ کے بطورتسلیم نہیں کیا گیا۔ جلد ہی مرکزی حکومت کے دفاتر اور ادارے آر ایس ایس کی ایسی شاکھاؤں اور بودھک شیویر یا نظریاتی تربیت کے کیمپوں کا منظر پیش کرنے والے ہیں جو سیکولر جمہوری سیاست کے خلاف نفرت کی تبلیغ کرتے ہیں۔ ایک مثبت منظر یہ ہو سکتا ہے کہ ہندوتوا مخالف محب وطن ملازمین دفاتر میں ان سرگرمیوں کا مقابلہ کریں ۔ 9 جولائی کی ہدایت کی بدولت ہر دفتر دو کیمپوں میں تقسیم ہو سکتا ہے۔ حکومتی سرگرمیوں کے تحت چل رہے کام کاج  کو تباہ کرنے کا یہ آرایس ایس کا منصوبہ ہے۔

    اگر کانگریس اور دیگر جمہوری سیکولر پارٹیاں سیکولر-جمہوری ہندوستان کو بچانے کے لیے سنجیدہ ہیں تو انہیں اوپر درج دستاویزات کے ساتھ قانونی اور سیاسی طور پر آر ایس ایس کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ انہیں اپنی صفوں سے ہندوتوا عناصر کو بھی ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ اور اب اس کے لیے وقت بہت کم ہے۔

  • ہیمنت بسوا شرما

    ہیمنت بسوا شرما

    آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت  بسوا شرما شعبدے بازی کے ذریعہ سرخیوں میں کس طرح رہیں اس کا فن بخوبی جانتے ہیں۔ چنانچہ مسلم مخالف لیڈر کے طور پر خود کو ثابت کرنے کی کوشش میں وہ اس قدر آگے بڑھ جاتے ہیں کہ انہیں احساس بھی نہیں ہوتا کہ وہ جس آئین کے نام پر حلف اٹھاکر وزارت اعلیٰ کی کرسی پر پہنچے ہیں اسی آئین کی روح اور کردار کو پامال کررہے ہیں۔جولائی میں انہوں نے مسلمانوں کے خلاف دو سطح پر محاذ کھولا ہے ۔ پہلے انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2041 تک آسام میں مسلمان اکثریت میں آجائیں گے۔اس کے بعد انہوں نے آسام میرج اینڈ ڈیورس ایکٹ کی جگہ نئے قانون کو متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔سوال یہ ہے آخر ہیمنت  بسوا شرمامسلمانوں کے حوالے سے لگاتار سرخیوں میں کیوں رہنا چاہتے ہیں ؟

    آسام مسلم میرج اینڈ ڈیورس ایکٹ کی جگہ جو نیا قانو ن آرہا ہے اس سے مسلمان کس طرح متاثر ہوں گے، یہ سوال اس لئے اہم ہے کہ شرما یہ تاثر دینے کی کوشش کررہے ہیں کہ شادی کے نئے قوانین کے ذریعہ وہ آسام میں کم عمری کی شادی کو روکنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ان کے بقول کم عمری میں شادی کا رواج سب سے زیادہ مسلمانوں میں ہے۔ اس کے علاوہ یہ بھی تاثر دینے کی کوشش کررہے ہیں کہ دراصل یہ آسام میں یکساں سول کوڈ کے نفاذ کی طرف پہلا قدم ہے اور بہت ہی جلد اترا کھنڈ کی طرح آسام میں بھی یکساں سول کوڈ بل اسمبلی میں لایا جائے گا۔’’ایک ملک ایک قانون‘‘ کی وکالت کرنے والی بی جے پی کا دہرا کردار اور ووٹ کی سیاست کابدترین اور کریہہ چہرہ اس سے بڑھ کر اور کیا ہوسکتا ہے کہ یکساں سول کوڈ سے ریاست کی 14,فیصد قبائلی آبادی کو باہر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

    ’’آسام مسلم میرج اینڈ ڈیورس ایکٹ‘‘ کو معطل کرنے کی سب سے بڑی جو وجہ بیان کی جارہی ہے وہ یہ ہے کہ اس ایکٹ میں کم عمری(اسلام میں لڑکی کی بلوغت کے بعد شادی کی اجازت ہے چوں کہ بھارت میں لڑکی کی شادی کیلئے کم سے کم 18سال کی عمر لازمی ہے۔18سال سے کم عمر کی شادی کو کم عمری سے تعبیر کیا جاتا ہے )کی شادی کی ممانعت ہے ۔اس لئے اس قدیم فرسودہ قانون کو ختم کیا جارہا ہے مگر سوال یہ ہے کہ اگر مقصد کم عمر ی کی شادی کو روکنا تھا تو اس قانون میں ترمیم کی جاسکتی تھی۔پورے قانون کو ختم کرنے کی ضرورت کیوں آن پڑی۔اس لئے حکومت کی نیت پر سوال اٹھائے جارہے ہیں ۔اسی طرح 1935کے اس قانون میں شادی کے رجسٹریشن کو اختیاری قراردیا گیا تھا ۔یہ بھی ترمیم کے ذریعہ لازمی کیا جاسکتا ہے۔مگر آسام میں قاضی کا نظام ختم کئے جانے سے دیہی علاقوں کے باشندوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔افسرشاہی نظام نے رشوت خوری کا بازار گرم کردیا ہے۔غیر ضروری طور پر شادی کی راہ میں مشکلات کھڑی کی جارہی ہیں۔ہیمنت  بسوا شرما کی حکومت نے گزشتہ جون اور جولائی میں بڑے پیمانے پر کم عمر ی کی شادی کے خلاف مہم چلائی جس میں 4 ہزار افر کو گرفتار کیا گیا جس میں اکثریت مسلمانوں کی تھی ۔مگر سوال یہ ہے کہ کیا آسام میں صرف مسلم کمیونیٹی میں ہی کم عمری کی  شادی کا رواج ہے؟۔صحیح تصویر کو سمجھنے کے لئے آسام میں کم عمرمیں شادی سے متعلق فیملی ہیلتھ سروے کی رپورٹوں کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ آسام میں کم عمری میں شادی کی مجموعی شرح کیا ہے ؟ علاوہ ازیں کیا کم عمری کی شادی سے نجات دلانے کے عزائم میں آسام کے تمام طبقات کو شامل کیا جارہا ہے؟ یہ بھی سوال اہم ہے کہ کم عمری میں شادیاں ہوتی  ہی کیوں ہیں اور اس کے پیچھے کیا عوامل کارفرماہیں ؟ اگر اس کا تدارک کئے بغیر صرف گرفتاریاں کی جاتی ہیں اور پوسکو جیسے سخت قوانین نافذ کئے جاتے ہیں تواس سے یہ  سلسلہ نہیں رک سکتا ۔کیوں کہ کرناٹک میں کم عمری میں شادی کے خلاف سخت قوانین موجود ہیں اس کے باوجود حالیہ برسوں میں اس میں اضافہ ہوا ہے۔

    اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ پورے ملک بشمول آسام میں مسلمانوں میں لڑکیوں کی بلوغت کے بعد شادی کی روایت پائی جاتی ہے۔اس کے پیچھے سماجی اور معاشی عوامل کے ساتھ ساتھ مذہب بھی ایک بڑا عنصر ہے ۔اسلام میں لڑکیوں کی بلوغت کے بعد شادی کی اجازت ہے۔حالیہ برسوں میں جو سائنسی تحقیقات سامنے آئی ہیں ان کے مطابق لڑکیوں کی شادی میں تاخیر سے بہت ساری طبی پیچیدگیاں پیدا ہوتی ہیں۔  تاہم حالیہ برسوں میں عصری علوم کے حصول کا جو رجحان پیدا ہوا ہے اس کی وجہ سے مسلم سماج میں بھی لڑکیوں کی شادی میں تاخیر کی جانے لگی ہے۔فیملی ہیلتھ سروے اس کی نشاندہی کرتے ہیں۔اس کے ساتھ ہی سروے یہ بھی بتاتے ہیں کہ ملک کے جن علاقوں میں کم عمری میں شادی زیادہ ہوتی ہیں اس کے پیچھے سماجی اور مقامی سہولیات کا بھی بڑا دخل ہے۔دیہی علاقوں میں اسکولوں کی عدم فراہمی اور معاشی پسماندگی کی وجہ سے والدین اپنے بچیوں کی کم عمری میں شادی کردیتے ہیں۔ چنانچہ ملک بھرمیں بشمول آسام مسلمانوں کی طرح دلت ، قبائلی ،پسماندہ طبقات اور ترقی سے محروم علاقوں میں کم عمری میں شادیاں زیاد ہوتی ہیں ۔ ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق آسام میں 20سے 24 سال کی عمر کی ایک تہائی دیہی خواتین کی شادی 18 سال کی عمر سے پہلے ہو گئی تھی۔ جن میں سے 74 فیصد لڑکیوں کی دسویں تک کی تعلیم مکمل نہیں ہے۔رپورٹ کے مطابق ان علاقوں میں کم عمری میں شادیاں زیادہ ہوتی ہیں جہاں اسکول کم ہیں۔اعداد و شمار نے یہ بھی اشارہ کیا کہ تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال کی کمی آسام میں کم عمری کی شادی کی اعلی شرح کی ایک بڑی وجہ ہے۔ماہرین بتاتے ہیں کہ جب خواتین کی خواندگی اور افرادی قوت میں خواتین کی شرکت میں اضافہ ہوتا ہے اور بچوں اور زچگی کی شرح اموات میں کمی آتی ہے۔

    انگریزی اخبار دکن ہیرالڈ نے 10 فروری 2023کے اداریے میں لکھاتھا کہ بچوں کی شادیوں کے خلاف آسام حکومت کا کریک ڈاؤن ایک سماجی مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش سے زیادہ مسلمانوں کے خلاف پولیس کی کارروائی ہے۔گزشتہ سال فروری میں کم عمری میں شادی کے خلاف مہم یہ کہہ کر شروع کی گئی تھی کہ آسام میں نوعمری میں حمل کی سب سے زیادہ شرح 16.8فیصد ہے ۔مگر جو گرفتاریاں ہوئیں اس میں 70 فیصد مسلم تھے۔دکن ہیرالڈ میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق زیادہ تر مقدمات مسلم اکثریتی اضلاع میں درج ہوئے ہیں، جو ایک مخصوص کمیونٹی کو نشانہ بنانے کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ لیکن اس سب کے درمیان، ایک اور کمیونٹی ہےجس میں سب سے زیادہ کم عمری میں شادیا ں ہوتی ہیں ان میں قبائلی، دلت اور چائے باغات میں کام کرنے والے لوگ ہیں۔ ریاست کی تقریباً 20 فیصد آبادی چائے باغات میں کام کرنے والوں میں بچپن کی شادی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ مگر گزشتہ ایک سالوں میں آسام حکومت نے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی ۔2019 میں ایک این جی او’ سینٹر فار ریسرچ اینڈ ایڈوکیسی فار چائلڈ رائٹس اینڈ پرسنز وتھ ڈس ایبلٹیز‘‘ کی ڈاکٹر پلاوی شرما نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ آسام کے سب سے زیادہ چائے کے باغات والے اضلاع میں 15-20 سال کی عمر کی 67 فیصد لڑکیاں شادی شدہ تھیں۔ انہوں نے لکھاکہ یہ جنسی استحصال اور نوعمر حمل کا باعث ہے۔ یہ سروے آسام کے ادلگوری ضلع میں کیا گیا تھا لیکن یہ ریاست میں چائے قبیلے کی کمیونٹی کی عمومی حالت کی نشاندہی کرتاہے۔ واضح ر ہے کہ چائے کے باغات میں نوعمروں کے درمیان بھاگ کر شادی والدین کی منظوری والی ’’سماجی شادی‘‘ سے زیادہ عام ہے۔یونیسیف کی سربراہ ڈاکٹر مادھولیکا جوناتھن کی رپورٹ کے مطابق ریاست کے چند چائے والے اضلاع میں کم عمری کی شادی کی شرح قومی اوسط سے زیادہ ہے۔ جس میں ادلگوری (32فیصد)، شیواساگر میں 27.9فیصد ، جورہاٹ میں 24.9فیصد اور ڈبرو گڑھ میں 23فیصد اضلاع شامل ہیں۔

    ان اعداد و شمار کی روشنی میں یہ واضح ہوجاتا ہےکہ آسام میں کم عمری میں شادی ایک بڑا مسئلہ ضرور ہے مگر یہ صرف مسلمانوں کا مسئلہ نہیں ہے ۔مگر مسلم دشمنی کے خوگر بن چکے ہیمنت  بسو ا شرما یہ تاثر دینے کی کوشش کرتے ہیں یہ صرف مسلمانوں کا مسئلہ ہے۔اگر وہ اس معاملے میں مخلص ہوتے تو اس کی سماجی ، معاشی اور اقتصادی وجوہات کے تدارک کے لئے اقدامات کرتے ہیں۔مگر ان کے نزدیک گڈ گورننس مسلمانوں کے خلاف کارروائی کرنے کا نام ہے۔قومی میڈیا میں اپنے زہریلے  بیانات کی وجہ سرخیوں میں رہنے والے شرما کی کارکردگی کا جائزہ لینے کی ضرورت محسوس نہیں کی جاتی ہے۔

    آسام ہرسال بدترین سیلاب کی زد میں رہتا ہے۔لاکھوں افراد نقل مکانی پر مجبور ہوجاتے ہیں ۔آزادی کو 8 دہائی مکمل ہونے کو ہیں اس کے باوجود اس کا مستقل حل نہیں نکالا گیا ہے۔سیلاب کی وجہ سے نقل مکانی  پر مجبور ہونے والوں کے درمیان مذہبی بنیاد پر کس طرح قہر ڈھایا جارہا ہے اس سے متعلق ہم نے افکار ملی کے گزشتہ شمارے میں اشارہ بھی کیا تھا۔ آسام میں آزادی سے قبل والے مسلم میرج ایکٹ کی منسوخی اور اس کی جگہ نئے قوانین کو لانے کا عمل مسلم دشمنی کے تسلسل کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے۔ قاضیوں کے نظام کو ختم کردینے کی وجہ سے دیہی علاقوں کے باشندوں کو ضلع ہیڈ کوارٹر پر شادی رجسٹریشن کے لئے ہفتوں چکر لگانے پڑتے ہیں۔

    جہاں تک سوال آسام میں 2041 تک مسلمانوں کے اکثریت میں آنے کا دعویٰ ہے اس کے لئے دراندازی ایک بڑی وجہ قرار دینا زمینی حقائق کے برخلاف ہے۔ گوہاٹی یونیورسٹی کے سابق پروفیسر عبد المنان   کی کتاب ’’Infiltration :Genesis of Assam Movement‘‘ آسام میں مسلمانوں کی آبادی میں اضافے کو دراندازی کی وجہ قرار دینے کے بیانیہ کی سختی سے تردید کرتی ہے۔ پروفیسر عبدالمنان نے اپنی اس کتاب میں گزشتہ پچاس سالوں میں مسلمانوں کی آبادی میں اضافے کا تجزیہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اگر آسام میں مسلمانوں کی آبادی میں اضافہ ہوا ہے تو وہ  پیدائش کی شرح کی وجہ سے ہواہے۔انہوں نے پورے وثوق سے کہا ہے کہ اگر این آرسی کے عمل میں ادارہ جاتی تعصب سے کام نہیں لیا جاتا تو این آرسی کے ذریعہ باہر رہ جانے والے مسلمانوں کی تعداد چند ہزار سے زائد نہیں ہوسکتی تھی۔ ان کے مطابق تقسیم پاکستان کے بعد بڑی تعداد میں بنگلہ دیش سے مسلمان آسام نہیں آئے ہیں ۔ آسام میں آباد بنگالی مسلمان کئی نسلوں سے رہتے ہیں ۔ان کے آباو اجداد کو دریائے برہم پترکے کنارے زرخیز زمین پر کاشت کاری کے لئے بنگال سے انگریزوں نے آباد کیا تھا۔ آسام میں آسامی بنام بنگالی تنازعہ نوآبادیاتی دور کا مرہون منت ہے۔ 1931میں آسام میں مردم شماری کے بعد انگریز سپرنڈنٹ ایس سی ملن نے اپنی رپورٹ میں لکھاتھا کہ زیادہ تر مسلمان مشرقی بنگال کے اضلاع سے آئے ہیں اس کی وجہ سے یہاں کی ڈیموگرافی تیزی سے تبدیل ہورہی ہے۔اس رپورٹ کے بعد ہی آسام میں باہری اور مقامی کا تنازع شروع ہوا اور آزادی کے بعد اس میں شدت آگئی ۔اس کی وجہ سے 80 کی دہائی میں بڑے پیمانے پر قتل عام بھی ہوا۔ نیلی قتل عام کا واقعہ آزاد بھارت کی تاریخ کا سب سے بدترین واقعہ ہے۔ 40 برس گزرجانے کے باوجود اس قتل عام میں ملوث کسی بھی فرد کے خلاف کارروائی نہیں ہوئی۔ اس دور میں ہی سنہا رپورٹ آئی جس میں کہا گیا تھا کہ آسام میں غیر قانونی تارکین وطن کی آبادی 4 کروڑ ہے۔ پروفیسر منان کہتے ہیں کہ اس رپورٹ پر خوب چرچا ہوئی۔ جب کہ حقیقت یہ تھی اس وقت آسام کی مجموعی آبادی ہی 3.4کروڑ افراد پر مشتمل تھی۔80 کی دہائی تک آسام میں جو اختلافات تھے وہ آسامی اور بنگالی کے درمیان تھے ۔مشہور صحافی شیکھر گپتا نے اپنی کتاب Assam : A Valley Divided میں آسام میں لسانی تنازعات کو مذہبی تنازع میں بدلنے کی آر ایس ایس کی کوششوں کی طرف اشارہ کیا ہے۔آسام میں لسانی تنازعات کو مذہبی اختلافات میں تبدیل کرنے کی آر ایس ایس کی کوششیں اب کامیاب ہوچکی ہے- اس منصوبے کو مکمل طور پر ہیمنت  بسوا شرما عملی جامہ پہنارہےہیں ۔

    برہم پترا کی معاون ندیاں (اور آسام میں بہت سے دوسرے چھوٹے بڑے دریا) زمین کے وسیع خطوں پر بہتی ہوئی راستہ بدل لیتی ہیں ۔ یہ جغرافیائی عمل آسام میں برسوں سے جاری ہے۔ اس طرح بے گھر ہونے والے لوگ اکثر دوسرے کنارے پر عارضی دیہات بناتے ہیں اور آخر کار انہیں کسی دوسرے ضلع میں لے جایا جاتا ہے اور حکومت کی طرف سے زمین دی جاتی ہے۔ ان دیہاتیوں میں سے بہت سے بنگالی ہندو اور مسلمان ہیں۔ یہ معمولی بات نہیں ہے کہ اپنی ہی ریاست میں ہزاروں افراد پناہ گزیں ہوجاتے ہیں ۔حالیہ برسوں میں ہیمنت  بسوا شرما نے ان معصوموں کوبھی نہیں بخشا ہے۔

    اسی طرح 1984 میں نیلی قتل عام سے لے کر 1993 میں کوکراجھار-بونگائی گاؤں تک تشدد کی وجہ سے ایک بڑی تعداد اندرون ریاست پناہ گزین بن گئی۔ جو کچھ عرصے کے لیے کیمپوں میں رہنے کے بعد آہستہ آہستہ دوسرے حصوں میں دوبارہ آباد ہو جاتے ہیں۔ کئی مرتبہ ان کے کیمپوں کو بارڈر پولیس کی طرف سے ایک نوٹس کے ذریعے بے دردی سے اجاڑ دیا جاتا ہے ۔گوہاٹی یونیورسٹی کے شعبہ سیاسیات کے سربراہ اکھل رنجن دتہ کہتے ہیں کہ آر ایس ایس اور بی جے پی نے مختلف نسلی گروہوں جیسے بوڈو اور چائے کے باغات کی کمیونٹیز کو ایک ساتھ لانے، ان کی مناسب نمائندگی کو یقینی بنانے اور انہیں متحد کرنے کے طویل مدتی منصوبہ پر ’’پختہ انداز‘‘ میں کام کیا۔

    جہاں تک آبادی میں اضافے کا سوال ہے تو آسام اور بنگال واحد ریاستیں نہیں ہیں جہاں آبادی میں اضافہ ہوا ہے۔ اتر پردیش اور بہار جیسی شمالی ہندوستانی ریاستیں، جن کی بنگلہ دیش سے کوئی سرحد نہیں ملتی،  میں آبادی میں بالترتیب 3.31 گنا اور 3.57 گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مدھیہ پردیش، جس کی کسی بھی ملک سے کوئی سرحد نہیں ملتی، میں 3.89 گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔پروفیسر عبدالمنان بتاتے ہیں کہ اگرآسام کے مسلمانوں میں شرح پیدائش زیادہ ہےتواس کی بڑی وجہ مسلمانوں کی غربت ہے۔ جن علاقوں میں غربت زیادہ ہے ان علاقوںمیں شرح پیدائش زیادہ ہے ۔ آسام کے دو اضلاع دھوبری اور جور ہاٹ کی مثال پیش کرتے ہونے انہوں نے لکھا کہ جورہاٹ میں شرح خواندگی70فیصدسے زائد ہے اور وہاں شرح پیدائش کم ہے جب کہ دھوبری میں محض 55فیصد شرح خواندگی ہے وہاں شرح پیدا ئش زیادہ ہے۔پروفیسر عبد المنان یہ بھی دعویٰ کرتے ہیں کہ ایسا صرف مسلمانوں میں نہیں ہے بلکہ آسام کے شیڈول کاسٹ و شیڈول ٹرائب میں مسلمانوں سے زائد شرح  پیدا ئش ہے۔ وہ اس بات کی نشاندہ کرتے ہیں کہ آسام کے مسلم اکثریتی علاقوں میں بنیادی سہولیات اسکول ، کالج اور طبی مراکز انتہائی کم ہیں ۔جن اضلاع میں مسلمانوں کی آبادی میں اضافہ ہوا ہے کہ ان حلقوں کا ایک منظم مطالعہ سے  معلوم ہوتا ہے کہ وہاں 0-6 سال کی عمر کے بچوں کی نمایاں تعداد ہے، یعنی بچے جو کہ آبادی کے قدرتی اضافے کی نشاندہی کرتے ہیں۔ مزید ان کا کہنا ہے کہ آبادی میں یہ اضافہ غربت اور اس کے نتیجے میں مسلم کمیونٹی میں کم عمری کی شادیوں کی وجہ سے ہوا ہے۔  مثال کے طور پر، جنوبی سلمارہ میں مسلمانوں کی 24 فیصد آبادی بچوں پر مشتمل ہے، جن کی عمریں 0 سے 6 سال تک ہیں۔

  • گھٹن کم ہوئی مگر حملے جاری ہیں

    گھٹن کم ہوئی مگر حملے جاری ہیں

    پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی کو لگنے والے شدید دھچکے اور دو حلیف جماعتوں کی حمایت سے مرکز میں حکومت کے قیام کے پیش نظر ایسا خیال کیا جا رہا تھا کہ مسلمانوں، دلتوں اور دیگر اقلیتوں پر حملوں کا سلسلہ بند ہو جائے گا اور گزشتہ دس برسوں سے خطرات سے گھری ان کی زندگی میں کچھ نہ کچھ سکون کے لمحات ضرور آئیں گے۔ ایسا سمجھا جا رہا تھا کہ حکومت کو حمایت دینے والی دونوں حلیف جماعتیں جنتا دل یو اور تیلگو دیسم اپنے ووٹ بینک کے تحفظ کے پیش نظر یہ برداشت نہیں کریں گی کہ مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر حملے جاری رہیں۔ کیونکہ اگر ایسا ہوگا تو ان کے اپنے سیاسی مفادات متاثر ہو جائیں گے۔ لیکن سیکولر طبقات کی یہ توقعات پوری نہیں ہوئیں اور مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ یہ سلسلہ چار جون کو آنے والے نتائج کے فوراً بعد شروع ہو گیا تھا۔ حالانکہ دس برسوں سے ماحول میں جو گھٹن تھی اس میں کچھ کمی واقع ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود یہ نہیں کہا جاسکتا کہ صورت حال مکمل طور پر بدل گئی ہے اور اب خطرات کے تمام بادل چھٹ گئے ہیں۔

    تاریخ گواہ ہے کہ ہندوتووادی جماعتوں اور عناصر کی جانب سے مسلمانوں کے اقتصادی بائیکاٹ کی اپیلیں وقتاً فوقتاً کی جاتی رہی ہیں۔ ان اپیلوں کا مسلمانوں کے روزگار اور تجارت پر منفی اثر پڑتا رہا ہے۔ ان کی معیشت کی کمر توڑنا ان عناصر کا پرانا اور پسندیدہ مشغلہ رہا ہے۔ فرقہ وارانہ فسادات کے وقت ان کو ہلاک کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی دکانوں اور مکانوں کو بھی تباہ کیا جاتا رہا ہے۔ اس کا مقصد ان کو مالی اعتبار سے کنگال بنا نا ہے۔ صرف غیر سرکاری طور پر نہیں بلکہ سرکاری طور پر بھی ان کی معیشت کو نقصان پہنچانے کی پالیسیاں بنائی گئیں جن کے نتیجے میں جو جو تجارت مسلمانوں کے ہاتھوں میں رہی ہے وہ سب متاثر ہو ئیں اور تباہی کے دہانے پر پہنچ گئیں۔ گزشتہ دنوں کانوڑ یاترا میں کانوڑیوں میں کوئی کنفیوژن نہ پھیلے اس بہانے سے جو حکم جاری کیا گیا اس کا مقصد بھی یہی تھا کہ مسلمانوں کی تجارت پر ضرب لگائی جائے۔ اگر ہوٹلوں اور ڈھابوں اور دیگر دکانوں کے بارے میں لوگوں کو معلوم ہو جائے کہ وہ مسلمانوں کی ہیں تو اس ملک میں ایک طبقہ ایسا ہے جو مسلمانوں سے سودا سلف لینے اور ان کے ساتھ تجارت کرنے کے حق میں نہیں ہے۔ وہ پہلے سے ہی عملاً ان کا بائیکاٹ کیے ہوئے ہیں۔ لہٰذا یہ جو حکم صادر کیا گیا اس کا مقصد بھی ان کا بائیکاٹ کرنا تھا۔

    لیکن اگر ہم چار جون کے فوراً بعد سے اب تک کے واقعات پر بھی نظر ڈالیں تو اس نتیجے پر پہنچیں گے کہ مسلمانوں کی املاک اور ان پر حملوں اور ان کی لنچنگ کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ کانوڑ روٹ پر واقع ہوٹلوں اور ڈھابوں پر نام لکھنے اور کانوڑ یاتریوں میں موجود غیر سماجی عناصر کو چھوٹ دینے کا مقصد یہی ہے کہ کسی نہ کسی بہانے مسلمانوں کی لنچنگ کے حالات پیدا کیے جائیں۔ بعض مقامات پر ایسے واقعات ہوتے ہوتے بچے ہیں۔ اترپردیش کا شہر مظفر نگر ایک حساس شہر ہے۔ وہاں 2013 میں بدترین فساد ہو چکا ہے جس میں بڑی تعداد میں لوگ ہلاک ہوئے تھے جن میں اکثریت مسلمانوں کی تھی۔ اس وقت بہت سے مسلمانوں کو دربدر ہونا پڑا تھا جو ایک طویل عرصے تک کیمپوں میں زندگی گزارنے پر مجبور تھے۔ مظفرنگر کے راستے سے ہو کر گزرنے والے کانوڑ روٹ پر یوپی حکومت کا حکم بظاہر اسی لیے جاری ہوا تھا کہ مسلمانوں کو نشانہ بنایا جائے۔ ادھر 26 جولائی کو شام کے وقت دہلی میرٹھ ایکسپریس وے پر کانوڑیوں نے ایک گاڑی کو روکا۔ ان کا الزام ہے کہ وہ رانگ سائڈ سے آرہی تھی اور اس نے کانوڑیوں کو ٹکر ماری جس سے ان کی کانوڑ ٹوٹ گئی۔ بس پھر کیا تھا وہ سب کار پر پل پڑے۔ اس میں چار مسلمان تھے۔ تین تو بھاگنے میں کامیاب ہو گئے مگر ایک کو جو کہ ساٹھ ستر سال کے باریش بزرگ تھے پکڑ لیا گیا۔ ان کی بری طرح پٹائی کی گئی۔ ان کے کپڑے پھاڑ دیے گئے۔ ان کی گاڑی میں توڑ پھوڑ کی گئی۔ وہ تو ان کی قسمت اچھی تھی کہ جان بچ گئی ورنہ حالات بہت خراب تھے۔ کانوڑ یاترا کے دوران ایسے دیگر اور واقعات ہوئے جن میں اگر لوگ بھاگ نہ گئے ہوتے تو ان کی جان کے لالے پڑ جاتے۔

    انتخابات کے بعد مسلمانوں کی ماب لنچنگ، ان کے ساتھ تشدد، مار پیٹ، گھروں کو نذر آتش کرنے اور سرکار کی جانب سے ان کے مکانوں کو بلڈوزر سے منہدم کرنے کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں۔ ایسے واقعات کی فہرست انسانی حقوق کے کارکنوں، وکلا اور دیگر شخصیات کی تنظیم ’ایسو سی ایشن فار پروٹکشن آف سول رائٹس‘ (اے پی سی آر) اور صحافیوں کی ایک بین الاقوامی تنظیم ’کمیٹی ٹو پروٹکٹ جرنلسٹس‘ (سی پی جے) نے تیار کی ہے۔ دونوں نے الگ الگ فہرست سازی کی ہے اور بتایا ہے کہ کس طرح مابعد انتخابات مسلمانوں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ سلسلہ چار جون کو نتائج آنے کے ساتھ ہی شروع ہو گیا تھا اور اس میں عید الاضحیٰ کے بعد تیزی آگئی۔ عید الاضحیٰ کے موقع پر مسلم دشمن شرپسندوں کو بیف کے نام پر مسلمانوں کو نشانہ بنانے کا سنہرا موقع مل گیا۔ اے پی سی آر کا کہنا ہے کہ چار جون سے جون کے اواخر تک ماب لنچنگ کی آٹھ، ہجومی تشدد کی چھ اور پولیس کی جانب سے مسلمانوں کے مکانوں کو مسمار کیے جانے کی بھی متعدد وراداتیں ہوئی ہیں۔

    سی پی جے نے ایک طویل فہرست تیار کی ہے جس میں 14معاملات کا اندراج ہے۔ حالانکہ یہ فہرست کچھ پرانی ہے جس میں جولائی میں پیش آنے والے  واقعات شامل نہیں ہیں۔ تاہم اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ کس طرح بی جے پی کی شکست اور دو حلیف جماعتوں کی حمایت سے حکومت قائم ہونے کے باوجود حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے مطابق 22 جون کو گجرات کے 23 سالہ سلمان ووہرہ کو کرکٹ میچ کے د وران پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا گیا۔ چھتیس گڑھ کے رائے پورمیں سات جون کو تین مسلمانوں کو ہندوتووادیوں نے ظلم و جور کا نشانہ بنایا۔ متاثرین کے نام صدام قریشی، چاند میاں خان اور گڈو خان ہیں۔ ان کا تعلق اترپردیش کے سہارنپور ضلع سے ہے۔ 28 مئی سے جون کے آخر تک مبینہ طور پر گائے کی حفاظت کے نام پر دس واقعات ہوئے جن میں ہجوم نے مویشی لے جانے والے لوگوں پر حملہ کیا۔ایسے واقعات کئی ریاستوں میں ہوئے ہیں۔ اتر پردیش کے بلند شہر میں دو مسلمان بھائیوں کو ہجوم نے اس وقت بے دردی سے پیٹا جب وہ ایک دکان پر اشیاء کا تبادلہ کرنے گئے تھے۔

    مرادآبادمیں 25 سالہ ڈاکٹر پر 30 جون کو ہجوم نے وحشیانہ حملہ کیا۔ حملہ اس وقت ہوا جب ڈاکٹر افتخار اپنے کلینک سے گھر لوٹ رہے تھے اور ایک پیٹرول پمپ پر پیٹرول لینے کے لیے رکے تھے۔ بارہ جون کی اولین ساعتوں میں مولانا اکرم نامی امام کو مراد آباد کے بھینسیا گاؤں میں نامعلوم افراد نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ نو جون کو میرٹھ کے محمد عمر قریشی پر ہماچل پردیش کے بنگانہ قصبے میں ایک ہجوم نے حملہ کیا۔ بجرنگ دل، شیو سینا اور بی جے پی کے ارکان نے مبینہ طور پر اسے مارا پیٹا، اس کے پیسے چرائے، اور اسے جئے شری رام کا نعرہ لگانے پر مجبور کیا۔ قریشی کے مطابق حملہ اس لیے ہوا کہ وہ مسلمان ہے۔ مزید برآں، جب اس نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرانے کی کوشش کی تو پولیس نے انکار کردیا۔ اناؤ میں ایک ہندوتوا وادی ہجوم نے سات جون کو ایک کنٹینر پر بھینس کا گوشت مغربی بنگال سے ممبئی لے جانے پر زبردست ہنگامہ کیا۔ اس کا دعویٰ تھا کہ یہ گائے کا گوشت ہے۔ ہنگامہ آرائی کے بعد گوشت کا نمونہ جانچ کے لیے لیباریٹری بھجوایا گیا جس سے تصدیق ہوئی کہ یہ بھینس کا گوشت ہے۔

    ایک صحافی میر فیصل کے مطابق مولانا شہاب الدین نامی ایک امام کو یکم جولائی کو جھارکھنڈ کے کوڈرما ضلع میں ایک ہجوم نے پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا۔ خوردھا، اڑیسہ میں عید الضحیٰ کو ایک ہجوم زبردستی ایک مسلمان کے گھر میں گھس گیا اور گھر کے فریج سے گوشت چھین کر اس پر قبضہ کر لیا۔ ہجوم جے شری رام کا نعرہ لگاتے ہوئے گھر میں داخل ہوا تھا۔ مغربی بنگال کے بیر بھوم کے نواپارہ میں عید کے بعد ایک اور معاملہ پیش آیا جہاں طوفان شیخ نامی ایک مسلمان پر وحشیانہ حملہ کیا گیا۔ اسے ایک ہجوم نے گھیر لیا اور اس پر ایک مندر کے قریب گوشت پھینکنے کا الزام لگایا۔ اس کے بعد اس پر ہجوم نے حملہ کر کے شدید زخمی کر دیا۔ دی آبزرور پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق اسے ایک گھنٹے تک کھمبے سے بھی باندھا گیا جس کے بعد مقامی پولیس نے اسے بچا لیا اور اس کا طبی علاج کرایا۔ میدک میں بدامنی اس وقت شروع ہوئی جب منہاج العلوم مدرسہ کی انتظامیہ نے بقر عید سے قبل قربانی کے لیے مویشی خریدے اور ایک ہجوم نے آکر مدرسہ پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ ہجوم نے اس اسپتال پر بھی حملہ کیا جہاں زخمیوں کا علاج کیا جا رہا تھا۔ حراست میں لیے گئے افراد میں بی جے پی میدک کے ضلع صدر گڈم سرینواس، بی جے پی میدک ٹاؤن کے صدر ایم نیام پرساد، بی جے وائی ایم کے صدر اور سات شامل ہیں۔ بہرحال یہ تو چند واقعات ہیں جن کا ذکر سی پی جے کی رپورٹ کے حوالے سے کیا گیا ہے ورنہ یہ فہرست بہت طویل ہے۔

    دریں اثنا یہ ذکر بھی مناسب معلوم ہوتا ہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے 25 جولائی کو ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں اس نے ہندوستان میں مسلمانوں اور قلیتوں پر ہونے والے حملوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیاہے کہ انسداد دہشت گردی کے قانون یو اے پی اے کا بے حد غلط استعمال ہو رہا ہے اور وہ استعمال پرامن انداز میں اپنے جمہوری حقوق کے استعمال کرنے والے مسلمانوں کے خلاف ہو رہا ہے۔

    مبصرین کا خیال تھا کہ انتخابات میں دھچکہ لگنے کے بعد بی جے پی خود احتسابی کرے گی اور اقلیتوں پر مظالم ڈھانے کے سلسلے میں اپنا رویہ تبدیل کرے گی۔ لیکن ان کا خیال غلط ثابت ہوا۔ بعض تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ یوپی حکومت کی جانب سے کانوڑ یاترا کے دوران جاری کیے جانے والے حکم کے پس پردہ وزیر اعلیٰ یوگی کو ان کے عہدے سے ہٹانے کی مبینہ کوششیں ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی بی جے پی کی شکست کی تمام تر ذمہ داری یوگی پر ڈالنا چاہتے تھے تاکہ اسی بہانے ایک ماحول تیار ہو اور انھیں ہٹایا جا سکے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے یوگی نے یہ چال چلی تاکہ خود کو سب سے بڑا ہندوتووادی ثابت کر سکیں اور ان کی کرسی بچی رہے۔ اگر ان کے حکم کے نتیجے میں مسلمانوں پر حملے ہوں گے تو ہندووں میں از خود یہ پیغام جائے گا کہ یوگی ان کے تحفظ کے تئیں سنجیدہ ہیں۔

    بہرحال صرف اترپردیش ہی نہیں بلکہ بی جے پی اقتدار والی دیگر ریاستوں میں بھی مسلمانوں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں افسران پیش پیش ہیں۔ وہ حکومت کو خوش کرنے کے لیے اقلیتوں پر مظالم کے بہانے تلاش کرتے رہتے ہیں۔ اس ملک میں اب ایسا ماحول بنا دیا گیا ہے کہ افسر شاہی حکومت کی خوشامد کو ہی اپنی ڈیوٹی سمجھنے لگی ہے اور افسران کی اکثریت سیاسی آقاؤں کو خوش کرکے انعامات حاصل کرنے میں یقین رکھنے لگی ہے۔ حالیہ واقعات بتاتے ہیں کہ بی جے پی جب تک اقتدار میں رہے گی مسلمانوں پر حملوں کا سلسلہ بند نہیں ہوگا۔ تجزیہ کاروں کا یہ خیال غلط ثابت ہوا ہے کہ جنتا دل یو اور ٹی ڈی پی حکومت اور ہندوتووادی عناصر پر قابو پانے میں کامیاب رہیں گے۔ اب ایسا لگتا ہے کہ ان کو بھی اپنے سیاسی مفادات عزیز ہیں خواہ اس کے لیے انھیں عارضی نقصان ہی کیوں نہ اٹھانا پڑے۔ شاید وہ بھی یہی سمجھتی ہیں کہ مسلمان اور دیگر اقلیتیں کہاں جائیں گی وہ ہمیں ہر حال میں ووٹ دیں گی۔ اس لیے ابھی اپنی ریاستوں کے لیے مرکز سے فوائد اٹھائے جائیں جب انتخابات کا موسم آئے گا تب دیکھا جائے گا۔ یوگی حکومت کے حکم کے خلاف جے ڈی یو، آر ایل ڈی اور ایل جے پی نے جو آواز اٹھائی تھی وہ بہت کمزور تھی اور محض رسم ادائیگی تھی۔ ورنہ اگر وہ اس حکم کو اور کانوڑ یاترا کے دوران ہونے والے تشدد کو غلط سمجھتے تو پرزور انداز میں احتجاج کرتے۔

    بہرحال بی جے پی کی جو سیاسی بناوٹ ہے اس میں وہ مسلمانوں اور اقلیتوں کے خلاف منافرانہ ماحول بنائے بغیر اپنے مستقبل کو محفوظ نہیں بنا سکتی۔ وہ سمجھتی ہے کہ جب تک وہ ہندووں کو مسلمانوں کا ڈر دکھاتی رہے گی اور جب تک مسلمانوں کو دبانے کے اقدامات کرتی رہے گی اس وقت تک اس کی سیاست کامیاب رہے گی۔ لہٰذا اس نے نہ صرف یہ کہ حملہ آوروں کو چھوٹ دے رکھی ہے بلکہ وہ ایسے حالات بھی پیدا کرتی رہتی ہے کہ مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر حملوں کا سلسلہ جاری رہے اور ہندووں کی اکثریت خوش رہے۔

  • کیا  2024  کے عام انتخابات کا مینڈیٹ چرایا گیا ؟

    کیا 2024 کے عام انتخابات کا مینڈیٹ چرایا گیا ؟

    یا مودی کی تیسری حکومت بھی عوامی مینڈیٹ چوری کرکے بنی ہے؟  انتخابی نظام پر نظر رکھنے والی سول سوسائٹی کی دو مؤقر اور معتبر  تنظیموں نے حالیہ اختتام پذیر  لوک سبھا انتخابات کے دوران ہونے والی مبینہ بدعنوانیوں ، ووٹوں میں ہیرا پھیری  اور  ووٹوں کی زیادہ گنتی  کے بارے میں جو تحقیقاتی رپورٹیں  شائع کی ہیں ان سے یہی نتیجہ اخذ کیا جارہا ہے کہ  یہ  stolen mandate  یا  بے ایمانی  سے بنی حکومت ہے۔ ان  تنظیموں کے مطابق پانچ کروڑسے زائد کے ووٹوں کے اضافہ سے  بی جے پی اور اس کے اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کو  76 سیٹیں حاصل کرنے میں کامیابی ملی،  بصورت دیگر این ڈی اے کی مجموعی نشستوں کی تعداد 293سے کم ہوکر 217رہ جاتی اور بی جے پی کی 240سے کم ہو کر 160 یا 170 رہ جاتی جس کا  دعوی حزب اختلاف کے قائدین  انتخابی مہم کے دوران کر رہے تھے۔ یعنی ملک کے عوام سے اپنی پسند کی حکومت  تشکیل دینے کا اختیار  یا مینڈیٹ چھینا گیا ہے۔

    اس سلسلہ میں سب سے پہلے  ووٹ فار ڈیموکریسی (مہاراشٹر)  نامی تنظیم نے 22 جولائی کو ممبئی کے وائی بی چوان سنٹر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں لوک سبھا انتخابات 2024 کے  نتائج کے بارے میں اپنی جامع رپورٹ جاری کی۔جس کا عنوان ہے،’  "Report: Conduct of Lok Sabha Elections 2024″۔  اس  رپور ٹ میں ووٹوں میں ہیرا پھیری، رائے دہی اور ووٹ شماری کے دوران ہوئی بدعنوانیوں  کا جامع تجزیہ پیش کیا گیا ہے۔ یہ سوال  کھڑاکیا گیا کہ کیا  2024کا مینڈیٹ  ہندوستان کے عوام سے چھینا گیا ہے؟

    رپورٹ میں انتخابی عمل( جو تقریبا ڈھائی مہینے تک جاری رہا ) کے  دوران میں  ہونے والی مبینہ دھاندلیوں، الیکشن کمیشن آف انڈیا اور ریٹرننگ  افسران ( انتخابی افسران ) کا رویہ، ای وی ایم  میں محفوظ ووٹوں  اور ان کی شماری کے درمیان مبینہ فرق اور انتخابات کے ہر مرحلہ میں ووٹوں میں اضافہ (”ڈمپ” ووٹ) ریاستی اور  قومی سطح پر جیسے اہم امور کا  تجزیہ ہے ۔ رپورٹ میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ  ابتدائی ووٹر ٹرن آؤٹ اور حتمی ٹرن آؤٹ کے درمیان مجموعی طور پر 5 کروڑ ووٹوں میں اضافہ (”ڈمپ”) کیا گیا۔ دوسرے الفاظ میں انتخابات کے دن  الیکشن کمیشن نے راے دہی کے  جو اعداد و شمار پیش کیے  تھے میں ان میں بعد ازاں زبردست اضافہ کیا گیا ۔  اس مبینہ اضافے کا فائدہ  حکمراں بی جے پی اور اس کے زیر قیادت  نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کو ہوا ۔

    ووٹ فار ڈیموکریسی  کے پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ  ’’ کل  رائے دہی اور ووٹوں کی گنتی کے درمیان فرق کے علاوہ  الیکشن کمیشن آف انڈیا (ECI) کی طرف سے بغیر کسی جواز یا وضاحت کے ووٹوں کی تعداد میں اضافہ کی بابت سنگین سوالات کھڑے ہوتے ہیں ۔ حالانکہ  ہم بحیثیت  شہری اور رائے دہندہ  الیکشن کمیشن کی ساکھ پر شک نہیں کرتے ہیں لیکن انتخابات کے دوران اس کا جس طرح کا رویہ رہا اور  انتخابی عمل کے غیر منصفانہ نتائج نے ہمیں سنجیدگی سے فکر مند ہونے پر مجبور کردیا  ہے۔‘‘

    رپورٹ مجموعی طور پر 4 ابواب پر مشتمل  ہے جس میں انتخابی نتائج میں ممکنہ ہیرا پھیری کا تجزیہ کیا گیا ہے۔ جس سے پتہ چلتا ہے کہ بی جے پی کو  اپنی نشستوں کی کل تعداد میں کمی کے باوجود  اسے اپنی نشستیں بڑھانے میں مدد ملی ہے۔ رپورٹ میں امیدواروں کو کسی حلقے میں ممکنہ بدعنوانیوں کی نشاندہی کرنے میں مدد کی غرض سے  ایک چیک لسٹ منسلک کی گئی ہے۔ مزید برآں  انتخابی عمل کی شفافیت کو اجاگر کرنے کےلیے رپورٹ میں قانونی  مدد کے  لیے   متعلقہ عدالتی نظیریں اور انتخابی قوانین بھی پیش کیے  گئے ہیں  جو آزادانہ اور منصفانہ انداز میں انتخابات کے لیے بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ خاص طور پر، ممبئی نارتھ ویسٹ اور فرخ آباد پارلیمانی حلقوں میں انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے والی بد عنوانیوں کو تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔

     

    الیکشن کمیشن سے سوال

    انتخابی  دھاندلیوں، ابتدائی ٹرن آؤٹ کے اعداد و شمار کے اعلان میں تاخیر، اور حتمی ٹرن آؤٹ کے اعداد و شمار میں خاطر خواہ اضافے کو اجاگر کرتے ہوئے  رپورٹ  میں  ان امور پر ا لیکشن کمیشن  کی  خاموشی  کے لیے   اسے سخت ہدف  تنقید بنایا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ  پہلے مرحلہ کے لیے  الیکشن کمیشن  نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ حتمی اعداد و شمار میں خاطر خواہ اضافہ کیوں ہوااور نہ ہی اس  نے  حتمی اعداد و شمار جاری کرنے میں طویل تاخیر (11 دن)  اور وہ بھی صرف فیصد کے بارے میں  وضاحت  پیش کی۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ کمیشن  نے حتمی ووٹر ٹرن آؤٹ میں زبردست اضافہ اور ای وی ایم ووٹوں اور گنتی کے درمیان فرق سے متعلق آج تک کسی سوال کا جواب نہیں دیا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ کچھ امیدواروں کو  فارم 17C  نہیں دیا گیا، جس میں پولنگ کے اختتام پر ڈالے گئے ووٹوں کا ریکارڈ  درج ہوتا ہے۔

    ووٹوں میں اضافے  سے  حکمران اتحاد کوفائدہ  وی ایف ڈی کے مطابق  ابتدائی ٹرن آؤٹ کے اعداد و شمار کے مقابلے حتمی ووٹر ٹرن آؤٹ میں خاطر خواہ اضافہ بتاتا ہے کہ ان اضافے سے حکمران اتحاد  این ڈی اے  کو سب سے زیادہ فائدہ ہوا ہے۔  رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پچھلے انتخابات میں جہاں پولنگ کے دن کی شام کو ووٹروں کی تعداد میں اضافہ اور حتمی ٹرن آؤٹ کے درمیان فیصد کا اضافہ تقریباً 1فیصد  تھا، 18ویں لوک سبھا انتخابات میں یہ فرق 3.2 فیصد  تک بڑھ گیا اور تمام سات مرحلوں میں 6.32فیصد  تک پہنچ گیا۔ رپورٹ کے مطابق  یہ اعداد و شمار حیران کن ہیں  جس میں  12.54فیصد  آندھرا پردیش میں اور 12.48فیصد  اوڈیشہ میں اضافہ درج کیا گیا۔ یہاں تک کہ حتمی ووٹر ٹرن آؤٹ میں اضافے کا مجموعی اوسط 4.72فیصد  ہے۔دوسرا دعویٰ یہ کیا گیا ہ بی جکہ حتمی  ووٹوں میں  زبردست  اضافہ 15 ریاستوں میں 79 سیٹوں پر بی جے پی کی زیرقیادت قومی جمہوری اتحاد کی جیت کے فرق سے زیادہ تھا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ”یہ نکتہ قابل ذکر  ہے کہ دوسرے مرحلے میں جس طریقہ سے  ووٹر ٹرن آؤٹ میں اضافہ کیا گیا  اس  سے، این ڈی اے اور بی جے پی کے لیے فائدہ مند نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ مثال کے طور پر  مغربی بنگال  کی 3 نشستوں میں سے 3، اتر پردیش کی  8 میں سے 8، مدھیہ پردیش کی 6 میں سے 6، چھتیس گڑھ کی  3 میں سے 3، تریپورہ  ایک میں  ایک ، جموں و کشمیر کی  ایک  میں سے ایک ، کرناٹک میں 14 میں سے 12، راجستھان   میں 13 میں سے  10 اور آسام میں 5 سے  4 نشستوں کا بی جے پی کو فائدہ ہوا۔ یہ چیز  پولنگ کے دیگر 6 مرحلوں بشمول مغربی بنگال، اتر پردیش، جموں و کشمیر، کرناٹک، راجستھان جیسی ریاستوں میں نہیں دیکھی گئی۔ دوسرے  مرحلے میں کیرالہ کی مثال اس لحاظ سے انوکھی ہے کہ اس مرحلے میں بی جے پی کو ریاست کی کل 20 سیٹوں میں سے ایک سیٹ ملی،  ایک اور سیٹ پر وہ دوسرے نمبر پر رہی  جبکہ  دیگر  14 سیٹوں پر تیسرے نمبر پر رہی! ایسا لگتا ہے کہ یہاں واضح  طور پر ہیرا پھیری ہوئی ہے۔ ’’ مزید برآں اس میں کہا گیا ہے کہ تقریباً 5 کروڑ ووٹوں میں زبردست  اضافے سے بی جے پی اور این ڈی اے کو کم از کم 76 سیٹیں حاصل کرنے کا فائدہ ہوا ہے اگر ووٹوں کا یہ اضافہ نہیں کیا جاتا تو این ڈی اے کی مجموعی نشستوں کی تعداد 293سے کم ہوکر 217رہ جاتی اور اس میں بی جے پی کی نشستوں کی تعداد 240سے کم ہو کر 160 یا 170 رہ جاتی ۔ رپورٹ میں یہ بھی دعوی کیا گیا ہے کہ دس ریاستوں میں این ڈی اے کے امیدواروں نے 18 حلقوں میں انتہائی معمولی فرق سے کامیابی حاصل کی۔

    رپورٹ میں خصوصی  طور پر تین جدول  میں ان  تمام پارلیمانی حلقوں کی فہرست  پیش کی گئی ہے جن میں فتح  اور شکست  کا فرق  ایک  لاکھ ووٹوں سے کم ہے۔ ان حلقوں میں  جہاں  پچاس ہزار ووٹوں یا اس سے کم  ووٹوں  کے فرق سے شکست  ہوئی ہے  ان میں ای وی ایم  میں ڈالے گئے  ووٹ اور برآمد کئے گئے ووٹوں میں بد عنوانیوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ایک جدول  میں ان   منتخب حلقوں  کو پیش کیا گیا ہے جہاں  مبینہ  طور پر دھاندلیاں  کی گئی ہیں۔ ان کے علاوہ ایک درجن سے زائد  جدولوں میں  ووٹر ٹرن آؤٹ میں اضافہ، ووٹوں کی حتمی تعداد میں اضافہ اور ممکنہ دھاندلیوں کے متعدد پہلوؤں کا تجزیہ  دیا گیا ہے ۔

    ووٹ فار ڈیموکریسی کی اس رپورٹ کو  سابق آئی اے ایس افسر ایم جی دیوا شیام اور ڈاکٹر  پیارے لال گرگ نے مرتب کیا ہے  جسے الیکشن کمیشن ارسال کیا گیا ہے۔  وی ایف ڈی کو سماجی کارکنان تیستا سیتلواد، ڈالفی ڈیسوزا، فادر فریزر میسکرنہس  اور خلیل  دیشمکھ نے  قائم کیا ہے ۔

    اس  رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد ا یسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز (ADR) نے بھی  ایک  رپورٹ   پریس کلب آف انڈیا ، نئی دہلی میں  منعقد ایک پریس کانفرنس میں جاری کی ۔اے ڈی آر کی رپورٹ کا عنوا ن ہے:”Discrepancies between the votes cast and the votes counted in the 2024 Lok Sabha Election: Multiple Perspectives”

    اس میں یہ دعوی کیا گیا کہ 18ویں عام انتخابات میں بھی  ووٹوں کی گنتی میں 2019 کے عام انتخابات کی طرح  زبردست فرق پایا گیا۔   کل  543 پارلیمانی حلقوں میں سے سوائے  پانچ حلقوں کے، اکثر میں  ووٹوں  کی گنتی  یا تو زیادہ کی گئی یا کم ۔رپورٹ میں اس بات کا تذکرہ کیا گیا ہے کہ 4 نومبر، 2019 کو’ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز’ (ADR) اور ‘کامن کاز’ نے سپریم کورٹ آف انڈیا میں ایک درخواست دائر کی تھی جس میں عدالت سے یہ استدعا کی گئی تھی کہ وہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کو ہدایت کہ جب تک رائے دہی  کے اعداد و شمار حقیقی اور درست نہ ہو اس وقت  تک  عارضی اور تخمینہ شدہ اعداد و شمار کی بنیاد  پرنتائج  کا اعلان نہ کرے  ۔ کیونکہ ا لیکشن کمیشن نے تخمینہ شدہ اعداد و شمار کی بنیاد پر 23 مئی 2019 کو تمام حلقوں میں انتخابی نتائج کا اعلان کیا تھا۔ اس کی تصدیق الیکشن کمیشن کے پریس نوٹ مورخہ یکم  جون 2019 سے ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’’… ووٹوں کی گنتی کے بارے میں حتمی اعداد و شمار نتائج کے اعلان کے چند دنوں کے اندر دستیاب کر دیے گئے ہیں۔‘‘

    27 فروری 2020 کو الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے نتائج کے اعلان کے صرف چار ماہ بعد 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں استعمال ہونے والی VVPAT سلپس کو دریا برد کرنے کی پراسرار عجلت’ کے خلاف عدالت میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی۔  یہ اقدام  کنڈکٹ آف الیکشن رولز 1961  کی شق 94 (b) کی خلاف ورزی تھا۔ اس شق  میں کہا گیا ہے کہ ”کسی بھی الیکشن میں استعمال شدہ یا پرنٹ شدہ سلپس کو الیکشن کے نتائج کے اعلان کی تاریخ سے ایک سال تک برقرار رکھا جائے گا۔ رپورٹ میں اے ڈی آر کی طرف سے قانونی چارہ جوئی کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا  گیا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے باوجود ان پر عمل نہیں کیا گیا ۔

    خیال رہے کہ 17ویں عام انتخابات کے دوران، جبکہ انتخابات کے پہلے 6 مرحلوں کے لیے، ووٹر ٹرن آؤٹ ایپ نے ووٹروں کی صحیح تعداد ظاہر کی تاہم آخری مرحلے میں یعنی ووٹنگ کے 7ویں مرحلے میں ان  اعداد و شمار میں اضافہ کردیا گیا۔ اور الیکشن کمیشن نے سابقہ ڈیٹا کو ہٹا دیا۔ راقم سے بات کرتے ہوئے اے ڈی آر کے بانی رکن پروفیسر جگدیپ چھوکر  نے کہا کہ ہم یہ نہیں کہہ رہے ہیں 2024 کا مینڈیٹ چرایا گیا ہے لیکن الیکشن کمیشن کو ان سوالات کا جواب دینا ہوگا جو ہم نے شواہد کی بنیاد پر اٹھائے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کا  یہ آئینی فرض   ہے کہ وہ حقیقی اعداد و شمار کی بنیاد پر حتمی انتخابی نتائج کا اعلان کرے ۔ یہ بھی ضروری ہے کہ انتخابات آزادانہ اور منصفانہ ہوں اور قانون کی حکمرانی برقرار رہے  ۔ الیکشن کمیشن ووٹوں کی گنتی سے متعلق حتمی اور مستند اعداد و شمار جاری کرنے سے پہلے انتخابی نتائج کا اعلان کرنے میں اب تک کوئی معقول وضاحت دینے میں ناکام رہا ہے، ای وی ایم ووٹوں میں مماثلت کے باعث ای وی ایم ووٹوں کی گنتی، ووٹر ٹرن آؤٹ میں اضافہ، تعداد کا انکشاف نہ ہونا ، ووٹوں کے پولڈ ڈیٹا کے اجراء میں غیر معقول تاخیر اور اس کی ویب سائٹ سے کچھ اعداد وشمار کو ہٹانے جیسے واقعات نے  الیکشن کمیشن کی ساکھ پر  ایک بڑا داغ  لگادیا ۔  چنانچہ موجودہ انتخابات  کے دوران  اپوزیشن جماعتوں اور سول سوسائٹی کے اراکین  نے  الیکشن کمیشن  کے متعصبانہ طرز عمل  کوسخت  تنقید کا نشانہ بنایا۔ اب ووٹ فار ڈیموکریسی (VFD)  کے سنسنی خیز دعووں  نے  الیکشن کمیشن کی  جانب داری کو طشت از بام کردیا ہے۔

    یاد رہے ملک میں 2004 میں جب  پہلی مرتبہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس کے بعد سے ہی الیکٹرانک انتخابی نظام  کے بارے میں شکوک و شبہات کا اظہار کیا جانے لگا ہے۔ یہ معاملہ  بی جے پی کے 2014 میں  برسر اقتدار آنے کا بعد نہایت سنگین شکل اختیار کرگیا ہے

    بالخصوص الیکشن کمیشن کے ’جانبدارانہ رویہ‘  نے  اس صورت حال کو دو آتشہ کردیا ہے۔  خود بی جے پی نے 2009 کی شکست کے بعد یہ معاملہ پرزور طریقہ سے اٹھایا تھا ۔ اس کے ایک لیڈر جی ایل  نرسہما نے ای وای ایم پر ایک کتاب بھی لکھی تھی جس کا پیش لفظ  ایل کے ایڈوانی نے لکھا تھا۔  لیکن  اب وہی بے جی پی الیکٹرانک انتخابی نظام کی سب سے بڑی وکیل ہے۔

  • مہاراشٹر میں نفرت کی بنیاد پر اسمبلی انتخاب لڑنے کی تیاری

    مہاراشٹر میں نفرت کی بنیاد پر اسمبلی انتخاب لڑنے کی تیاری

    ایک کہاوت ہے کہ گیدڑ کی موت آتی ہے تو وہ شہر کا رخ کرتا ہے یا چیونٹی کے پر اس وقت نکلتے ہیں جب اس کی زندگی کا اختتام قریب ہوتا ہے ۔ ان کہاوتوں کی روشنی میں یہ تو نہیں کہہ سکتے کہ بھارت یا ریاست مہاراشٹر میں فرقہ واریت کا خاتمہ قریب ہے ۔ لیکن اتنا تو کہا ہی جاسکتا ہے کہ منافرت کی سیاست کرنے والوں نے لوک سبھا الیکشن کے نتائج سے کوئی سبق سیکھنے کی بجائے منافرت کی شدت میں اضافہ کردیا ہے ۔ ہم یہ بھی نہیں کہہ سکتے کہ یہ اضافہ انہیں فائدہ پہنچائے گا یا نقصان ؟ مگر یہ تو طے ہے کہ نفرت کی اس سوچ سے ریاست کا ماحول بگڑے گا اور خدا نہ کرے اگر یہ کوششیں کامیاب ہوگئیں تو جہاں جانی و مالی نقصان ہوگا وہیں یہاں کے فرقہ وارانہ ہم آہنگی والے ماحول کو بھی نقصان پہنچے گا ۔ امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے سبب معاشی سرگرمیاں سست پڑیں گی جس کا راست اثر ریاست کی جی ڈی پی پر ہوگا ۔بہر حال سیاست دانوں پر ان حالات کا یا عوام کو ہونے والے نقصان کا کوئی اثر پہلے ہوا ہے نہ اب ہونے والا ہے ۔ ان کا ایک ہی منصوبہ ہوتا ہے یعنی ہر حال میں اقتدار کا حصول ۔ اس لئے اس کاتجزیہ ضروری ہے کہ وشال گڑھ میں ہوا کیا تھا اور اب آگے کیا ہونا ہے۔ اور اس طرح کے واقعات کا تسلسل کب تک قائم رہے گا ؟

    14؍ جولائی کو شرپسند عناصر کی بڑی تعداد جن کی تعداد، ایف آئی آر کے مطابق پندرہ سو تھی اور جس کی قیادت سمبھا جی اور دیگر کررہے تھے ، نے اچانک ملک ریحان کی درگاہ اور اس کے اطراف کی مسلم آبادی پر حملہ کردیا ۔ اس بھیڑ نے لوگوں کو مارا پیٹا ، گھروں کو لوٹا ، آگ زنی کی اور مسجد پر چڑھ کر اسے بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی ۔ مسجد کے اندرونی حصوں میں بھی توڑ پھوڑ کی گئی ۔ متاثرین کا الزام ہے کہ جس وقت یہ سب کچھ ہو رہا تھا اس وقت پولیس  خاموش تماشائی بنی ہوئی تھی جیسا کہ آزادی کے بعد سے ہی اس طرح کا الزام پولیس  فورس پر لگتا آرہا ہے ۔لیکن مسئلہ یہ ہے کہ آج تک حکومتیں یا اعلی پولیس  افسران نے اس پر کوئی کارگر کارروائی یا سدھار کی کوئی کوشش نہیں کی ۔ یہ سب کچھ وہاں سے تجاوزات کے خاتمہ کیلئے کیا جارہا تھا ۔ یعنی پولیس  اور شرپسند ساتھ ساتھ غیر قانونی حرکت میں شامل تھے ۔ اک ٹرینڈ چل پڑا ہے کہ تجاوزات اور غیر قانونی قبضہ کے نام پر مسلمانوں کی املاک کو زمین بوس کرنا اب قابل گرفت عمل نہیں رہا ۔ لیکن اس واقعہ کے چار پانچ دن بعدہائی کورٹ میں وشال گڑھ قلعہ کے علاقے کے تین مقامی لوگوں ایوب یو کاغذی، عبدالسلام کے ملنگ اور مراد محلدار نے تشدد،  پولیس کی مبینہ بے عملی اور پی ڈبلیو ڈی کی مسماری پر الگ الگ درخواستیں دائر کیں۔دوران سماعت شاید پہلی بار ججوں نے بہت سخت رویہ اپناتے ہوئے پولیس  اور انتظامیہ کو سخت وارننگ دی کہ تاحکم ثانی ساری کارروائی روکی جائے ۔ ماضی میں دیکھا گیا ہے کہ عدالت کے حکم کے باوجود حکومت اور پولیس  و شہری انتظامیہ نے کسی حیلے بہانے سے اپنی کارروائی جاری رکھی ۔ اس لیے ججوں نے سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ذرا سی بھی حکم عدولی ہوئی تو سخت کارروائی کی جائے گی اور ذمہ داروں کو جیل جانا پڑے گا ۔ججوں نے 29؍ جولائی کو جواب داخل کرنے کی تاریخ مقرر کی تھی ۔

    29؍ جولائی کو تشدد کے لئے 21گرفتار شدگان  میں سے پندرہ افراد نے ضمانت کی عرضی داخل کی تھی ۔عدالت نے پولیس  سے پوچھا کہ ان گرفتار شدگان کے خلاف  ان کے پاس کیا ثبوت ہے ؟ واضح رہے کہ ایف آئی آر پندرہ سو افراد کے خلاف  ہوئی ہے جس میں بائیس نامزد افراد شامل ہیں اور اس فسادی گروہ کی قیادت کرنے والے دو افراد پولیس  کے مطابق ہنوزفرار ہیں ۔

    یہ مسائل اس لئے پیدا کئے جارہے ہیں کہ اس کی مدد سے سماج میں خلیج پیدا کرکے سیاسی عزائم کی تکمیل کی جائے ۔ ورنہ مقامی افراد میں کوئی فرقہ وارانہ خلیج نہیں ہے ۔ اس سے قبل وہاں ایسا کوئی واقعہ نہیں ہوا۔ اب یہ ہندو شدت پسند گروہ جو گذشتہ کئی برسوں سے مہاراشٹر میں سرگرم ہیں ان کا اگلا نشانہ لونا والا (مہاراشٹر کا ایک سیاحتی مقام) کے قریب لوہ گڑھ قلعہ تھا ۔یہاں  پر وشال گڑھ کی طرز پر جلوس نکالنے کا منصوبہ سکل ہندو سماج ، بجرنگ دل ، نیول گروپ اور لوہ گڑھ مکتی سنگھرش مہم وغیرہ شامل تھے ۔ انہوں نے شیواجی دور کے چالیس سے زیادہ قلعوں کی فہرست بنا رکھی ہے جس میں رائے گڑھ ، چندن وندن گڑھ اور قلابہ کا قلعہ شامل ہے ،جہاں سے بزعم خود ان کا مقصد تجاوزات ہٹانے کا ہے ۔سماجی تنظیموں اور سیاسی لیڈروں  نےاس طرح کے کسی بھی مارچ یا تحریک پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے کہ تاکہ ریاست کو تشدد سے بچایا جاسکے ۔ عرصہ سے کلیان کی حاجی ملنگ درگاہ بھی ان کی اشتعال انگیزی کا مرکز رہی ہے ۔ ایک زمانہ میں جب شیو سینا کے ایک گروہ  کی تطہیر قلب نہیں ہوئی تھاتو وہ علامتی طور پر وہاں تشدد پھیلانے کی کوشش کرتا تھا ۔ اب یہ کام شیو سینا کا دوسرا گروپ کررہا ہے ۔ موجودہ وزیر اعلیٰ کلیان درگاہ کی آزادی کا نعرہ بلند کرچکے ہیں ۔ یہ الگ بات ہے کہ حکومتی فرائض میں مصروف ہوکر یا سیاسی مصلحت پسندی کی وجہ سے اب ان کی زبان سے اس طرح کے الفاظ ادا نہیں ہورہے ہیں ۔

    لوک سبھا انتخاب میں ہزیمت کے بعد حکومت مہاراشٹر نے عوامی رفاہی منصوبوں کا اعلان کرکے عوام کے رخ کو اپنی جانب موڑنے کی کوشش کی ہے لیکن شاید وہ اس سے مطمئن نہیں ہیں اسی لئے تشدد اور اشتعال انگیزی پر نرم رویہ یا در پردہ حمایت کا رویہ اپنا رکھا ہے ۔ اس طرح کے رویہ اور عوامی مزاج کو دیکھتے ہوئے یہ سوال کھڑا ہوتا ہے کہ کیا بی جے پی اور اس حلیف پارٹیاں مہاراشٹر اسمبلی پر منافرت کی سیاست سے قبضہ کر پائیں گے ۔ اگر اس کا جواب وثوق سے ہاں میں نہیں دیا جاسکتا تو  اس کی نفی بھی نہیں کی جاسکتی ۔ بی جے پی اور شیو سینا و این سی پی کے باغی گروہوں سے گھر واپسی کرنے والوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ کو دیکھتے ہوئے اس بات کا قوی امکان ہے کہ عوام لوک سبھا سے زیادہ ریاستی اسمبلی میں کانگریس، این سی پی شرد پوار، شیو سینا ادھو کو نوازنے والے ہیں ۔ یہی خدشہ بی جے پی اور ان کے حلیفوں کو پریشان کئے ہوئے ہے ۔اسی لئے وہ تشدد کی آگ کو سلگانے کی کوشش کررہے ہیں ، یعنی صاف چھپتے بھی نہیں اور پاس آتے بھی نہیں والی بات ہے۔یہ اپنی کوشش سے باز نہیں آئیں گے اور چاہیں گے کہ تشدد پھیلے اور سماجی تانا بانا بکھرے کیوں کہ یہی ان کی امید کی آخری کرن ہے ۔ وہ ایک کے بعد ایک شوشہ چھوڑیں گے اور حکومت اور انتظامیہ چشم پوشی اختیار کرے گی۔ امید ہے کہ مہاراشٹر کے عوام اپنی بالغ نظری کا ثبوت دیتے ہوئے ان کے منصوبے خاک میں ملا دیں گے ۔  29 ؍ جولائی کو عدالت میں پولیس  نے اپنی تساہلی اور جانبداری کا جواز فراہم کرتے ہوئے یہ کہا کہ موسلا دھار بارش اور کہرے کی وجہ سے انہیں کارروائی کرنے میں مشکلات کا سامنا تھا۔ دوسرے، ایک جگہ اور احتجاج اور دھرنا کا پروگرام تھا جس کی وجہ سے وہ تذبذب کا شکار ہوگئے کہ انہیں جانا کہاں ہے ۔ پولیس  کے بیان سے ناراض  ایک مراٹھی صحافی نے کہا کہ اس کا لب لباب یہ نکلتا ہے کہ پولیس  والوں کی آنکھیں پھوٹ گئی تھیں اس لئے وہ تشدد پر آمادہ افراد پر کارروائی نہیں کرسکے۔

    کانگریس اور اس کی حلیف  پارٹیوں کو ریاستی اسمبلی میں اکثریت ملنے کی امید ہے ۔ اس کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ یہاں کے عوام میں فرقہ وارانہ سوچ پختہ نہیں ہے جیسا کہ ہندی بولنے والی ریاستوں میں ہے ۔ آر ایس ایس کا ہیڈ کواٹر یہیں ہے اور اس کےچوٹی کے لیڈر یہیں کے رہے ہیں اس کے باوجود ان کی بنیاد یہاں کمزور ہی رہی ہے ۔ دوسری اہم وجہ گجرات لابی کے ذریعہ یہاں کی صنعت کو گجرات منتقل کرنے کے سبب یہاں مقتدر طبقہ کے خلاف  منافرت کا ماحول پروان چڑھ رہا ہے ۔ تیسری وجہ بغاوت ہے جس کی وجہ سے لوک سبھا میں بھی بی جے پی اور اس کی حلیف پارٹیوں کو نقصان ہواتھا۔ عوام آج بھی انہیں غدار تصور کرتے ہیں۔ چوتھی اور اہم بات یہ ہے کہ مسلمانوں میں سیاسی شعور پختہ ہے ، جس کی وجہ سے وہ کوئی ایسا قدم نہیں اٹھاتے جس سے فرقہ پرستوں کو طاقت ملے اور وہ پھر سے اقتدار پر قابض ہوجائیں ۔

  • حلال مصنوعات  کی آڑ میں مسلمانوں کو ٹارگٹ کرنے کی کوشش

    حلال مصنوعات کی آڑ میں مسلمانوں کو ٹارگٹ کرنے کی کوشش

    کانوڑ یایاترا کے راستے  پر موجود مسلم دوکانداروں کو اپنی  شناخت ظاہر کرنے اور دوکان پر نام کی تختی  لگانے کے یو گی حکومت کے غیر آئینی فیصلے پر سپریم کورٹ نے گرچے عبوری روک لگا دی ہے تاہم اس کا اثر یوگی حکومت پر پڑتا دکھائی نہیں دے رہا ہے۔حکومت کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی اپنے سابقہ موقف پر قائم ہے ۔ یوگی حکومت کی طرف سے جاری حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ پوری ریاست میں کانوڑیا راستے    پر موجود کھانے کی دوکانوں کے مالکان کو اپنی شناخت ظاہر کرنے کے لیے نام کی تختی  لگانی ہوگی۔حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ دوکانداروں کی شناخت ظاہر ہونے سے کانوڑ یوں کی آستھا ؤںکا تقدس برقرار رہے گا ۔ریاستی حکومت نے یہ بھی کہا ہے کہ حلال سرٹیفکیٹ    کے حامل سامان بیچنے والوں کے خلاف بھی سخت کاروائی کی جائے گی۔ حکومت نے حلال سرٹیفیکٹ والے مصنوعات  کے خلاف کاروائیوں میں مزید تیزی لانے کی بات کہی ہے ۔ریاستی حکومت کے اس فیصلے کے خلاف انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں اور کئی سرکردہ افراد نے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی تھی ۔ایسو سی ایشن آف پراستے   یکشن آف سول رائٹس(اے پی سی آر ) ،ممبر پارلیمنٹ مہوا موئترا، پروفیسر اپوروا نند اور کالم نگار آکار پٹیل نے اپنی عرضی میں یوگی حکومت کے فیصلے کو غیر آئینی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا تھا ۔ سپریم کورٹ نے تمام عرضیوں پر سماعت کے بعد یوگی حکومت کے فیصلے پر عبوری روک لگا دی ہے۔سپریم کورٹ نے اس معاملے میں یوگی حکومت سے جواب بھی طلب کر لیا ہے ۔لیکن سپریم کورٹ کے حکم امتناعی کے با وجود یوگی حکومت کے موقف میں بظاہر کوئی تبدیلی نظرنہیں آ رہی ہے ۔

    یوگی حکومت نے ابھی تک یہ بھی واضح نہیں کیا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر کس طرح عمل کرے گی ۔ اس کے برخلاف یوگی حکومت کے وزیر دیا شنکر مشرنے کہا ہے کہ یوگی حکومت اپنے پہلے کے موقف پر قائم ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے اس لیے اس پر ابھی کوئی حتمی رائے نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حلال سرٹیفیکٹ معاملے میں بھی حکومت اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹی ہے ۔حلال مصنوعات  کے خلاف ہماری کاروائی پہلے کی طرح جاری رہے گی ۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں حلال مصنوعات  کی فروخت کسی قیمت پر نہیں ہونے دی جائے گی ۔دیا شنکر مشر نے واضح کیا ہے کہ حلال مصنوعات  کے بارے میں حکومت کی طرف سے کوئی سرٹیفیکٹ نہیں جاری کیا جا تا ۔اس معاملے میں کچھ لوگ اپنی من مانی چلا رہے ہیں جو کسی قیمت پر برداشت نہیں کی جائے گی ۔یوگی حکومت کے اڑیل رویے کو دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ زمینی سطح پر سپریم کورٹ کے حکم امتناعی کا کوئی خاص اثر ہونے والا نہیں ہے ۔کیوں کہ سپریم کورٹ کاحکم امتناعی آنے کے بعد یوگی حکومت نے اس معاملے میں اپنا موقف اور سخت کر لیا ہے ۔ اس نے نام کی تختی  پر زور نہ دے کر حلال مصنوعات  پر اپنی توجہ مرکوز کر لی ہے ۔ ویسے بھی اس بات کو لے کر  شبہات کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ یوگی حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے پر کس حد تک عمل کرتی ہے ۔

    معاملہ دراصل کانوڑ یاراستے    پر موجود دوکانوں پر نام کی تختی  لگانے کا نہیں ہے ۔بلکہ پس پردہ معاملہ مسلمانوں کے معاشی بائیکاٹ کاہے ۔ جو لوگ اس مسئلے کو وقتی سیاست سے جوڑ کر دیکھ رہے ہیں وہ اس بات کو نظر انداز کر رہے ہیں کہ ماضی میں جن لوگوں نے یوگی حکومت کی کاروائیوں اور فیصلوں کو وقتی یا چناوی سیاست کہہ کر اس کی اہمیت کو کم کر دیا تھا ، یہی چیزیں بعد میں یوگی حکومت کی پالیسی کا حصہ بن گئیں ۔ جیسے سلاٹر ہاؤس پر پابندی ، نئے دینی مدارس کو مالی گرانٹ پر نہ لینے کا فیصلہ ، بلڈوزروں کے ذریعے انہدامی کارروائی ، سڑکوں پر نماز کی پابندی یامساجد میں لاؤڈ اسپیکر سے اذان دینے پر پابندی وغیرہ ایسی کارروائیاں تھیں جو آج یوگی حکومت کی مستقل پالیسی بن گئی ہے ۔اس طرح کی پالیسیوں کا سلسلہ روز بہ روز دراز ہوتا جا رہا ہے ۔

    یوگی حکومت کے ایک اور فیصلے نے ریاست کے دینی مدارس کے وجود کو خطرے میں ڈال دیا ہے ۔اتر پردیش کے چیف سکریٹری کی طرف سے غیر تسلیم شدہ دینی مدارس کے سروے کے بعد ضلع افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ ریاست کے غیر تسلیم شدہ 8449؍ دینی مدارس میں پڑھنے والے طلبہ کو مدارس سے نکال کرسرکاری اسکولوں میں شفٹ کردیا جائے۔یو گی حکومت کے اس فیصلے نے ریاست کے سیکڑوں دینی مدارس کو ایک نئی مشکل سے دو چار کر دیا ہے ۔ حکومت کی طرف سے غیر تسلیم شدہ دینی مدارس کی جو فہرست جاری کی گئی ہے ان میں دارا العلوم دیوبند ، ندوۃ العلما ، مظاہر العلوم ،جامعہ سلفیہ ، جامعہ اشرفیہ ، جامعۃ الفلاح ،مدرسۃ الاصلاح جیسے قدیم اور بڑے دینی ادارے شامل ہیں ۔مدارس کے ذمہ داران کے مطابق مقامی انتظامیہ کی طرف سے ان پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ اپنے یہاں پڑھنے والے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں منتقل کر دیں ۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ سمیت کئی مسلم تنظیموں نے اس معاملے میں اپنے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے اور یوگی حکومت کے فیصلے کی مذمت کی  ہے۔ پرسنل لابورڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یو پی اور ایم پی کی حکومتیں دینی مدارس کی شناخت ختم کرنے اور ان کو بند کرنے کی کوشش کر رہی ہیں ۔بورڈ نے کہا ہے کہ آئین کی دفعہ 30(اے) کے تحت اقلیتوں کو اپنے تعلیمی اداروں کو چلانے اور اس کو قائم کرنے کا بنیادی حق حاصل ہے ۔ تاہم ان تنظیموں کی احتجاجی آوازیں صدابہ صحرا  ثابت ہورہی ہیں۔حکومتی سطح پر مسلم منافرت کو اس انداز سے ہوا دی جا رہی ہے کہ جس سے سماجی ڈھانچہ مذہبی منافرت کی بنیاد پر تقسیم ہو جائے ۔اس منافرت کا اندازہ شہروں کے پاش علاقوں میں رہنے والے بعض مسلم خاندانوں کی حالت دیکھ کر لگایا جا سکتا ہے ۔ روزانہ برتے جانے والے امیتازی سلوک اور سکیورٹی کے خطرات کے پیش نظر پاش علاقے کے افراد بھی مسلمانوں کی گنجان آبادیوں میں منتقل ہونا بہتر سمجھ رہے ہیں ۔غیر اعلانیہ مسلم بائکاٹ کا سب سے زیادہ برا اثر مسلمانوں کے روزگار پر پڑا ہے۔چھوٹے کاروباری اداروں سے مسلم ملازمین بتدریج کم ہو رہے ہیں ۔کارو باری اکثریتی  علاقوں میں مسلمانوں کے لیے روزی راستے   ی کمانا محال ہوتا جا رہا ہے ۔ سب سے زیادہ مشکل ان چھوٹے دوکانداروں اور وینڈروں کو ہے جو اپنا کارو بار ہائی ویز اور مصروف بازاروں میں کرتے ہیں۔ ان دوکانداروں کو تو سال کے بارہ مہینے اسی طرح کے مخالف ماحول کا سامنا رہتاہے ۔یہ امتیازی سلوک ڈیلیوری بوائے سے لے کر  ٹھیلہ لگانے والے چھوٹے مسلم دوکانداروں سے روا رکھاجا رہا ہے ۔ مسئلہ یہ ہے کہ حکومت کے تحریری

     

    فیصلوں کوتو عدالت میں چیلنج کیا جا سکتا ہے لیکن جو چیزیں غیر اعلانیہ طور سے ہو رہی ہیں ان کا تدارک کس طرح کیا جائے ۔ سوال یہ بھی ہے کہ لوک سبھا چناؤ میں شکست کے بعد بھی یوگی حکومت اس طرح کے فیصلے کیوں لے رہی ہے ۔ پہلی بات تو یہ سمجھ لینی چاہئے کہ بی جے پی کی پشت پر راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ کا ایجنڈا کار فرما ہے ۔ اس ایجنڈا کو اس طرح سے لاگو کیا جا رہا ہے کہ اگر ریاست میں کسی اور پارٹی کی حکومت بنے تو بھی اس کو تبدیل یا ختم کرنے کی ہمت نہ کرے ۔اس وقت یو پی کی تمام نام نہاد سیکولر پارٹیاں آر ایس ایس کے سامنے اعصابی دباؤ کا شکارہیں ۔اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ کانوڑیوں کے راستے    پر دوکانداروں کی شناخت ظاہر کرنے والے سرکاری حکم نامے کے خلاف بیان بازی تو سبھی پارٹیوں نے کی لیکن اس کے خلاف کوئی عملی یاقانونی اقدام کسی پارٹی نے نہ کیا۔ سپریم کورٹ میں اس فیصلے کو چیلنج کرنے والوں میں ترنمول کانگریس اور انسانی حقوق کے کارکنان ہیں ۔یو پی میں کانگریس اور سماج وادی پاڑتی دونوں ہی لفظ ’’ مسلمان ‘‘ کے استعمال سے گریز کرتی ہیں۔اگر مجبوری میں اس کا استعمال کرنا ہی پڑجائے تو وہ بے معنی اور غیر اہم ہوتا ہے ۔ مسلم مخالف پالیسی کے خلاف ان سیکولر پارٹیوں نے عام طور سے چپی سادھ رکھی ہے ۔ اگر یوگی حکومت کے اس فیصلے پر سپریم کورٹ عبوری روک نہیں لگاتی تو سیکولر پارٹیوں نے بیان جاری کرکے اپنی دیرینہ رسم نبھا دی تھی ۔یہ بات واضح ہے کہ یوگی حکومت خود کو آئین اور قانون سے ماورا تصور کرتی ہے ۔ یوگی کے اقتدار میں آنے کے بعد مسلمانوں کے خلاف جو استبدادی کاروائیاں کی گئی ہیں بڑی حد تک سیکولر پارٹیوں کی مرہون منت ہیں ۔ایسی کاروائیوں کے خلاف ان پارٹیوں نے کبھی کچھ نہیں کیا ۔ جبکہ یہ پارٹیاں چناؤ میں مسلمانوں کا ایک مشت ووٹ حاصل کرتی آ رہی ہیں ۔ان پارٹیوں کو تو صرف مسلمانوں کے ووٹ سے مطلب ہے تاکہ اقتدار تک پہنچ جائیں ۔ملک کی آزادی سے پہلے ریلوے اسٹیشنوں اور عوامی مقامات پر ’’ مسلم پانی اور ہندو پانی ‘‘’’ مسلم چائے اور ہندو چائے ‘‘ کی صدائیں سنائی دیا کرتی تھیں ۔ان صداؤں کے لیے انگریزوں کے بنائے ہوئے نظام حکومت کو ذمہ دار ٹھیرایا جاتا تھا ۔ کہا جاتا تھا کہ یہ سب انگریزوں کی ’’ پھوٹ ڈالو اور راج کرو‘‘ کی پالیسی کا نتیجہ ہے ۔انگریزوں کو ملک چھوڑے ہوئے آٹھ دہائیاں بیتنے کو ہیں ۔لیکن موجودہ حکومت ہندو مسلم منافرت کو نہ صرف ہوا دے رہی ہے بلکہ عصبیت پر مبنی ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینے میں مصروف ہے جس میں مسلمانوں کے لیے سرے سے کوئی جگہ ہی نہ ہو ۔یہ صورت حال انگریزی راج کے بدترین دور سے بھی زیادہ وحشت ناک ہے ۔