Category: وفیات

  • سیتارام یچوری :بایاں محاذ کی ایک معتدل آواز

    سیتارام یچوری :بایاں محاذ کی ایک معتدل آواز

    معصوم مرادآبادی

    بایاں محاذ کے قدآور لیڈر سیتارام یچوری نے مختصر علالت کے بعد نئی دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں گزشتہ12؍ستمبر2024کو آخری سانس لی۔ ان کا انتقال ایک ایسے موقع پر ہوا جب ملک میں بایاں بازو کی سیاست اپنے وجود کی لڑائی لڑرہی ہے۔یچوری نے ملک میں سیکولر جمہوری سیاست کو مضبوط کرنے اور فسطائیت کے خلاف مشترکہ محاذ تشکیل دینے کے لیے جو انتھک کوششیں کیں ، اس کے لیے انھیں ہمیشہ یادرکھا جائے گا۔انھوں نے پوری زندگی فرقہ واریت اور فسطائیت کے خلاف جنگ لڑتے ہوئے گزاری۔سیتا رام یچوری اپنی سیاسی بالغ نظری کی وجہ سے بھی جانے جاتےتھے۔انھوں نے اپنی زندگی میں ہمیشہ اقتدار سے زیادہ اقدار کو ترجیح دی اور کبھی کرسی کا منہ نہیں دیکھا ۔ وہ سیاسی دورابتلا میں نظریاتی پختگی کی بہترین مثال تھے۔سیتارام یچوری ہندوستانی سیاست میں ایک بااصول ، عوام دوست ، سیکولر اور جمہوریت پسند سیاست داں اور بہترین انسان کے طورپر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔

    بایاں محاذ کی طلبہ  سیاست سے اپنا کیریر شروع کرنے والے سیتارام یچوری نے کبھی پیچھے مڑکر نہیں دیکھا ۔ انھوں نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں اور سیاسی سوجھ بوجھ سے قومی سیاست میں اپنے لیے جگہ بنائی ۔ وہ ایک معاملہ فہم سیاست داں تھے ۔ ان کی سب سے بڑی خوبی یہ تھی کہ ان کے سیاسی اور نظریاتی مخالفین بھی ان کا احترام کرتے تھے۔وہ اپنی معتدل سیاسی فکر کی وجہ سے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں میں مقبول تھے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی موت پران کی ہم خیال سیاسی جماعتوں کے علاوہ ان کے کٹر نظریاتی مخالفین نے بھی انھیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

    سیتا رام یچوری نے اپنا کیریر طلبہ  سیاست سے شروع کیا تھا اور وہ اپنی خداداد صلاحیتوں کی وجہ سے بایاں بازو کی طلبہ  تحریک میںبہت مقبول تھے۔ بعدازاں جب انھوں نے باقاعدہ سیاست میں قدم رکھا تو سی پی ایم کے ایک مقبول ترین لیڈر بن کر ابھرے ۔ انھوں نے اپنی پوری زندگی سیکولر سیاست کے فروغ اور جمہوری قدروں کی مضبوطی کے لیے وقف کردی تھی۔ وہ ایک قابل اعتماد لیڈر تھے اور اپنے نظریات کے معاملے میں بے جوڑ ثابت ہوئے تھے۔ بائیں بازو کے نظریات پر سختی سے عمل پیرا ہونے کے باوجود ان کے اندر شدت پسندی نہیں تھی۔

    سیتارام یچوری کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ان کے انتقال کے بعد انھیں خراج عقیدت پیش کرنے والوں کا تانتا بندھا ہواہے۔ حالیہ تاریخ میں شاید اتنا بڑا تعزیتی جلسہ کسی لیڈر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد ہوا ہو جتنا کہ کامریڈ یچوری کے لیے ہوا ۔ یہ تعزیتی جلسہ گزشتہ 28ستمبر کو نئی دہلی کے تال کٹورہ انڈور اسٹیڈیم میں منعقد ہوا جس میں بائیں بازو کے تمام قائدین کے علاوہ کانگریس صدر ملکا ارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے بھی شرکت کی۔حالیہ سیاسی تاریخ میں سیکولر اتحاد کو مضبوط کرنے کی جتنی بھی کوششیں ہوئیں ان میں کامریڈ یچوری ایک محور کے طورپر شامل رہے اور انھوں نے ملک میں ظلمت پسند طاقتوں کے خلاف اپوزیشن کو متحد کرنے کے لیے بے پایاں کوششیں کیں۔ان سے قبل یہ کام سی پی ایم کے رہنما آنجہانی کامریڈ ہرکشن سنگھ سرجیت کیا کرتے تھے جنھوں نے ملک میں پہلی بار تیسرے محاذ کی حکومت تشکیل دینے میں کلیدی کردار اداکیا تھا۔کامریڈ سرجیت کے بعد اگر کسی سیاست داں نے ملک میں سیکولر اتحاد کو مضبوط بنانے میں بنیادی کردار اداکیا ، ان میں کامریڈ سیتارام یچوری کا نام سب سے نمایاں ہے۔ وہ اپناکام نہایت خاموشی اور سنجیدگی کے ساتھ انجام دیتے تھے۔

    گزشتہ پارلیمانی انتخابات سے قبل ’انڈیا اتحاد‘ کی تشکیل وتعمیرمیں کامریڈ یچوری کاکردار سب سے اہم تھا۔ اس سے قبل مرکزمیں بایاں محاذ کی حمایت سے یوپی اے حکومت تشکیل دینے میں بھی وہ کلیدی حیثیت کے حامل تھے۔ڈاکٹر منموہن سنگھ کی قیادت میں اس حکومت نے دس سال کا عرصہ پورا کیا۔ اس دوران جب کانگریس اور بایاں محاذ کے درمیان کشیدگی کی نوبت آئی اور اس نے حمایت واپس لی تو بھی یچوری اس محاذ کو بکھرنے سے بچانے میں مصروف نظر آئے۔ کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں کے درمیان تال میل پیدا کرنے میں وہ ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے۔وہ کانگریس اور بایاں محاذ دونوں کے لیے بھروسے مند شخصیت تھے۔ یہی وجہ ہے کہ تعزیتی اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ وہ ان کے ایسے دوست تھے جن پر موجودہ سیاست میں بھروسہ کیا جاسکتا تھا۔ راہل نے کہا کہ یچوری اعتماد کے حامل سیاست داں تھے اور وہ اس معاملے میں سمجھوتہ نہیں کرسکتے تھے۔یچوری نے ہمیشہ انڈیا اتحاد کو مضبوط کرنے کے لیے پس منظر میں رہ کر کام کیا اور وہ اتحادی پارٹیوں اور کانگریس کے درمیان پل کا کام کرتے رہے۔‘‘انھوں نے یہ بھی کہا کہ’’ یچوری جی میرے لیے ایک ایسے دوست تھے جو سیاسی نظام میں رہتے ہوئے سب کا بھروسہ بن کر اپنا کام کرتے تھے۔لوگوں کے لیے سیاست کے اندرونی انتشار کو دیکھنا آسان نہیں ہوتا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’سیتارام یچوری ایسی شخصیت تھے ، جنھوں نے سب کو اکٹھا رکھا ۔ ‘‘

    سیتارام یچوری کی بڑی خوبی یہ تھی کہ اتنے اہم کارنامے انجام دینے کے باوجود ان میں کسی قسم کی انا اور غرور نہیں تھا۔ حساسیت سے بھرا یہ دل دوسرے سیاست دانوں کے پاس نہیں ہوتا۔انھوں نے نہایت سادہ زندگی بسر کی۔ راقم کو کئی بار وسنت کنج میں واقع ان کے فلیٹ میں جانے کا اتفاق ہوا۔میں نے وہاں کتابوں کے علاوہ کچھ نہیں دیکھا۔ان کا مطالعہ وسیع تھا۔ ان کی اہلیہ معروف انگریزی صحافی سیما چشتی ان کی دانشورانہ طاقت تھیں۔ یچوری کی ایک خاص بات یہ تھی کہ وہ بہت طمانیت پسند اور شائستہ انسان تھے۔سیتارام یچوری کی سیاست کا محور اس ملک کے کمزوراو ر مظلوم طبقات تھے جن کی بہتری کے لیے وہ ہمیشہ سوچتے اور سرگرم عمل رہتے تھے۔وہ سب کو ساتھ لے کرچلنے پر یقین رکھتے تھے ۔ یہی وجہ ہے انھیں بایاں بازو کی ایک معتدل آواز کے طورپر دیکھا جاتا تھا۔

    سیتارام یچوری کی پیدائش12؍اگست1952کو مدراس میں ہوئی تھی۔ان کا تعلق ایک تلگو برہمن خاندان سے تھا۔ان کے والد سرویشور سومیا جولا ایک انجینئر تھے جبکہ ان کی والدہ سرکاری افسر تھیں۔وہ ایک ہونہار طالب علم تھے۔انھوں نے نئی دہلی کے پریسڈینٹ اسٹیٹ اسکول سے سی بی ایس ای بورڈکے انٹر میڈیٹ امتحان میں پورے ملک میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور سینٹ اسٹیفن کالج سے اکنامکس میں بی اے آنرز کی ڈگری حاصل کی ۔ بعدازاں انھوں نے جے این یو سے اکنامکس میں ایم اے کیا اور یہیں سے طلبہ  لیڈر کے طورپر ان کی سیاسی زندگی کا آغاز ہوا۔ انہوں نے 1974 میں جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں طلبہ  تحریک میں شمولیت اختیار کی اور اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا (ایس ایف آئی) کے رہنما کے طور پر ابھرے۔ وہ دو برسوں کے وقفے میں تین بار جے این یو طلبہ  یونین کے صدر منتخب ہوئے۔ 1984 سے 1986 کے درمیان کامریڈ سیتارام ایس ایف آئی کے آل انڈیا صدر رہے اور اس کوملک گیر طاقت کے طور پر ترقی دینے میں اہم کردار ادا کیا۔سیتارام یچوری 1975 میں سی پی آئی (مارکسوادی) میں شامل ہوئے۔ ایمرجنسی کے دوران انہیں ان کی سیاسی سرگرمیوں کی وجہ سے گرفتار کیا گیا۔ وہ 1985 میں بارہویںکانگریس میں سی پی ایم کی مرکزی کمیٹی کے لیے منتخب ہوئے اور تامرگ مرکزی کمیٹی کے رکن رہے۔ وہ 1989 میں مرکزی سیکریٹریٹ اور 1992 میں پارٹی کی 14ویں کانگریس میں پولٹ بیورو میں منتخب ہوئے۔

    2015 میں اکیسویں کانگریس میں وہ سی پی ایم کے جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے، جس عہدے پر وہ آخری وقت تک برقرار تھے۔ تین دہائیوں سے زیادہ عرصے تک پارٹی کی مرکزی قیادت کے حصے کے طور پرانہوں نے وقتاً فوقتاً سی پی ایم کے سیاسی نظریات کو ترقی دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ سی پی ایم نے 14ویں کانگریس میں کچھ نظریاتی مسائل پر ایک قرارداد منظور کی، جس میں سوشلزم کی ناکامیوں کے نتیجے میں پارٹی کی نظریاتی صورتحال کو زیربحث لایا گیا۔ یہ قرارداد کامریڈ سیتارام نے کانگریس کے سامنے پیش کی تھی۔ اس کے بعد، وہ 2012 میں پارٹی کی بیسویں کانگریس میںتسلیم کئے جانے والی مختلف مسائل پر نظریاتی سوجھ بوجھ سے متعلق قرارداد پیش کرنے والے اہم رہنماؤں میں شامل تھے۔مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبے کے سربراہ کی حیثیت سے انہوں نے مختلف بین الاقوامی پلیٹ فارموں پر کمیونسٹ اور ترقی پسند قوتوں کی شرکت اور سوشلسٹ ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنایا اور سامراج مخالف تحریکوں کے ساتھ اتحاد کو فروغ دیا ۔

    سیتارام یچوری دو دہائیوں سے زیادہ وقت تک پارٹی کے ہفتہ وار اخبار ’’پیپلز ڈیموکریسی ‘‘کے ایڈیٹر رہے۔ ان کو تحریر پر بڑا ملکہ حاصل تھا۔ نظریاتی میدان میں ان کا بڑاکارنامہ ہندو توپر ان کی تنقید تھی، جو ان کی کتابوں – ’’یہ ’ہندو قوم‘کیا ہے؟‘‘اور ’’فرقہ واریت بمقابلہ سیکولر ازم‘‘کے عنوان سے شائع ہوئی۔سیتارام یچوری 2005 سے 2017 تک دو بار راجیہ سبھا کے رکن رہے۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں سی پی ایم کے گروپ کی قیادت کی اور بطور رکن پارلیمنٹ ان کا کردار نمایاں رہا۔وہاں انھوں نے سماج کے کمزورطبقات اور مظلوموں کے لیے ہمیشہ آواز بلند کی۔انہیں 2017 میں بہترین رکن پارلیمنٹ کے اعزاز سے نوازا گیا ۔

    حال ہی میں، سیتارام یچوری نے اپنا بیشتر وقت اور توانائی سیکولر اپوزیشن جماعتوں کے ایک وسیع اتحاد کی تشکیل پر صرف کی جس کے نتیجے میںنے ’انڈیا اتحاد‘ وجود میں آیا۔ اس سے قبل جب سی پی ایم متحدہ محاذ حکومت اور بعد میں یو پی اے حکومت کی حمایت کررہی تھی تو وہ دونوں کے درمیان تال میل کے کے لیے اہم مذاکرات کاروں میں سے ایک تھے ۔ان کے دوستانہ مزاج کی وجہ سے، سیاسی دائرے اور زندگی کے تمام شعبوں میں ان کے دوستوں کا دائرہ وسیع تھا۔ ان کی سیاسی دیانتداری اور وابستگی کی وجہ سے سب ان کا احترام کرتے تھے۔یچوری نے اپنی قیادت میں پارٹی کے نظریہ کو برقراررکھنے اور لوگوں کے ساتھ روابط بڑھانے کی کوشش کی ۔ انھوں نے ہمیشہ سوشلزم ، مساوات اور سماجی انصاف کے موضوعات پر مسلسل زوردیا ۔ ان کے نزدیک سیکولر جمہوری اقدار کو ہمیشہ فوقیت حاصل رہی۔ہماری قومی سیاست کے ایک اہم موڑ پر سیتارام یچوری کا انتقال ایک بڑا دھچکا ہے اور یہ بائیں بازو، جمہوری اور سیکولر قوتوں کے لئے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔

     

     

  • اے جی نورانی: علم کا سمندر

    اے جی نورانی: علم کا سمندر

    بھارتی دارلحکومت نئی دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب میں ایک بار مؤقر اخبار دی ہندو کے ڈائریکٹر اور معروف صحافی این رام نے ایک کتاب کی رونمائی کے دوران کہا کہ ان کے دفتر میں لائبریری اور ریفرنس کے شعبہ میں تقریبا پچاس افراد کام کرتے ہیں، مگر ایڈیٹوریل لکھتے وقت جب ان کو کسی حوالہ کی ضرورت پڑتی ہے، تو وہ بغلیں جھانکنے لگتے ہیں یا اتنا وقت لگاتے ہیں کہ اخبار کا ایڈیشن پریس میں چلا جاتا ہے۔ اس لیے  جب بھی ان کو  حوالہ جات کی ضرورت ہوتی ہے، تو وہ اے جی نورانی کو ممبئی میں ان کی رہائش گاہ پر فون کرتے  تو وہ اس حوالہ کی بازیابی میں ایک منٹ سے بھی کم وقفہ لیتے ہیں۔ کبھی وہ کہتے ہیں کہ بس فون ہولڈ رکھو اور جھٹ سے حوالہ نکال کر پڑھتے ہیں یا ان کو فیکس کردیتے ہیں۔ دستاویزات یا کتابیں جمع کرنے سے زیادہ وقت ان کی بازیافت کسی بھی محقق کےلئے ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے۔ یہ قصہ نورانی کی ایسی علمی قابلیت کا خلاصہ ہے، جس سے وہ بس ایک شخصیت نہیں، بلکہ ایک ادارہ، چلتے پھرتے کتب خانہ اور مستند محقق کے طور پرعلمی حلقوں میں جانے جاتے تھے۔ اس نابغہ روزگار شخصیت کا 29 اگست کو ممبئی میں94 برس کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ وہ پاکستان کے ایک سابق وزیر خارجہ زین نورانی کے چھوٹے بھائی تھے۔

    29 اگست کی دوپہر ان کے ملازم وسیم کا فون کئی بار آرہا تھا، مگر وہ بات نہیں کر پا رہا تھا، یا لائن میں کچھ خرابی تھی۔ اس کے پانچ منٹ بعد ہی دہلی سے قربان علی کا فون آیا۔ دسمبر 1992کو انہوں نے بطور بی بی سی کے نامہ نگار کی حثیت سے پوری دنیا کو بابری مسجد کی شہادت کی خبر سنائی تھی، آج انہوں نےایک ایسے شخص کی وفات کی خبر سنائی جو خود ایک عہد تھا اور جس نے بابری مسجد کے حوالے سے د و جلدوں پرمشتمل کتاب تحریر کرکے اس کو تاریخ کی کتابوں میں ا مر کردیا۔ چاہے مادی طور پر اس کا نشان مٹ چکا ہو ۔ پندرہ روز قبل میں نے نورانی صاحب کو فون کیا تھا تو وہ بہتر محسوس کر رہے تھے ۔ ان کی آواز سے لرزش بھی ختم ہو چکی تھی۔ وہ کہہ رہے تھے کہ’’ میں اب قلم ہاتھ میں پکڑ سکتا ہوں۔ مجھ پر دو کتابوں کا قرض ہے۔ میں سپریم کورٹ کے بابری مسجد سے متعلق فیصلہ پر کتاب مکمل کروں گا۔ اس کے سبھی دستاویزات میرے پاس آچکے ہیں اور اسی کے ساتھ’’ انڈین آرمی اور کشمیر‘‘ پر بھی کتاب مکمل کرکے کتابیں لکھنے سے ریٹائرمنٹ لوں گا۔ پبلشرز انڈیا  چین باؤنڈری ڈسپیوٹ کی دوسری جلد لکھنے پر زور دےرہے ہیں مگراب یہ میری دسترس سے باہر ہے-"

    میں ان کو ہمت دلا ہی رہا تھا کہ تھوڑی دیر بعد انہوں نے شکوہ کیا کہ ’’افتخار صاحب، آپ کے جانے سے میرے ہاتھ کٹ گئے ہیں۔ کس کو دستاویزات جمع کرنے اور پھر ان کو مہیا کروانے کےلئے کہوں، صاحب فراش تو ہوں ہی ، مگر کئی کام آپ کے جانے کی وجہ سے رک گئے ۔ ‘‘ میں نے دہلی میں اپنے قیام کے دوران اور جب سے ان سے شناسائی ہوئی، ان کی پانچ اہم کتابوں کےلئے بطور ریسرچر کام کیا تھا ۔ ان کی وساطت سے نیشنل آرکائیوز تک رسائی حاصل ہوگئی تھی اور دستاویزات کو ڈھونڈنے اور ان کو استعمال کرنے کا کام بھی سیکھنے کا موقع ملا ۔

    ذہن کے دریچوں پر زور دیتے ہوئے میں یاد کرنے کوشش کررہا تھا کہ نورانی صاحب سے کب شناسائی ہوئی تھی ۔ چند برس قبل انہوں نے ہی مجھے یاد دلایا تھا ۔ مارچ 1992 میں جب کشمیری رہنما سید علی گیلانی، پروفیسر عبدالغنی بھٹ، عباس انصاری، عبدالغنی لون،کم و بیش ساڑھے تین سال بعد جیل سے رہا ہوئے تھے توکچھ عرصہ کے بعد وہ دہلی تشریف لائے ۔میری  صحافتی زندگی کے ابتدائی د ن تھے ۔ میرے ایک روم میٹ، جن کا تعلق بھی سوپور سے ہی تھا اور گیلانی صاحب کے بڑے معتقد تھے، مجھے چانکیہ پوری میں واقع کشمیر ہاوس  ان سے ملاقات کرانے کےلئے لے گئے ۔ تب تک ان سے بس اتنا تعلق تھا کہ وہ سوپور سے ایم ایل اے رہ چکے تھے اوربطور ایک عام فرد جلسہ گاہ میں ان کی تقریریں سنتا آیا تھا۔

    ان سے ملاقاتیوں کا تانتا بندھا ہوا تھا ۔ ہم وہیں سرینگر سے ان کے ہمراہ آئے اسٹاف کا ہاتھ بٹانے لگے ۔ اسی دوران ایک تیز و طرارشخصیت وارد ہوئی۔ ہمارے علاوہ انہوں نے سبھی کو کمرے سے باہر نکلنے کےلئے کہا ۔ چونکہ ہم چائے وغیرہ سرو کررہے تھے، اس لئے ہم پر ان کا دھیان نہیں گیا ۔ جانے سے قبل انہوں نے گیلانی صاحب سے کہا کہ وہ کسی ایسے شخص کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھنا چاہتے ہیں، جو مضامین لکھنے وغیرہ میں مدد کرے اور ان کو  کشمیر کے حالات سے باخبر رکھے ۔ میں اور میرے روم میٹ ایک کونے میں بیٹھے تھے ۔ گیلانی صاحب نے اشارہ سے مجھے بلایا اور میرا ان سے تعارف کروایا ۔ اگلے دن ہی انہوں نے مجھے انڈیا انٹرنیشنل سینٹر کے کمرہ نمبر 38 میں مدعو کیا ۔ وہ جب بھی دہلی آتے تھے تو اسی کمرے میں ٹھہرتے تھے ۔ میرے پاس چونکہ فون نہیں تھا، اس لئے انہوں نے مجھے تاکید کی تھی کہ اتوار کو 11بجے کے آس پاس ان کو فون کیا کروں ۔ میں پورے ہفتے نوٹس بناکر اس دن فون پر ان کو گوش گذار کرتا تھا ۔ جب وہ دہلی آتے تو اپنی ڈائری نکال کر بتاتے تھے کہ میں نے کتنی کالیں کیں ہیں اور اگر پوسٹ سے کچھ بھیجا ہوتا، تو اس کا حساب کرکے پیسے دیتے تھے ۔ وہ معاملات کے بہت پکے تھے، اورپیسے لینے سے منع کرنا جیسے ا ن کے قہر کو دعوت دینا جیسا ہوتا تھا ۔

    انہوں نے ممبئی کی گورنمنٹ لاء یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی تھی اور 1950 کی دہائی میں بمبئی ہائی کورٹ میں پریکٹس شروع کی ۔ جموں و کشمیر اور بھارت ، پاکستان امور پر وہ ایک طرح سے حرف آخر تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کانگریس کی باغی رہنما اور نامور سائنسداں وکرم سارا با ئی کی بہن مردولا سارا بائی نے کشمیر سے ان کو متعارف کروایا تھا ۔ سارا بائی جموں و کشمیر کے پہلے وزیر اعظم شیخ عبداللہ کی پرجوش حامی تھیں اور ان کے ساتھ اپنی پارٹی کے سلوک سے نالاں تھیں ۔ جب شیخ عبداللہ کو 1958 میں کشمیر سازش کے مقدمے کے تحت دوبارہ گرفتار کیا گیا تو برطانوی وکیل بیرسٹر ڈینگل فٹ نے پاکستان کے کہنے پر مقدمہ لڑنے کا فیصلہ کیا ۔ تاہم نئی دہلی نے واضح کیا تھا کہ وہ کسی بھی غیر ملکی وکیل کو بھارتی عدالت میں پیش ہونے کی اجازت نہیں دے گی ۔ سارا بائی نے ممبئی کے نوجوان وکیل نورانی کی خدمات حاصل کیں ۔ اس طرح وہ پہلی بار 1962 کو جموں وارد ہوئے، جہاں اسپیشل جیل میں شیخ عبداللہ اور ان کے رفقاء قید تھے ۔ اس نے اس خطے کے ساتھ ان کی زندگی بھر کی وابستگی کو جنم دیا۔ انہوں نے اس وابستگی کو خوب نبھایا ۔ کشمیر کے تقریبا تمام لیڈران، چاہے وہ کسی بھی خیمہ سے تعلق رکھتے ہوں، کا ان کے ساتھ تعلق اور احترام کا جذبہ تھا ۔

    نورانی صاحب بسا اقات بڑے ہی منہ پھٹ اور بغیر لاگ و لپیٹ کے بات کرنے کے عادی تھے ۔ ایک بار دہلی میں مرحوم عبدالغنی لون کی معیت میں ان سے ملنے گیا ۔ بات چیت کے دوران لون صاحب نے ان سے چند ذاتی نوعیت کی جانکاری حاصل کرنے کی کوشش کی تو وہ بھڑک گئے ۔ تمام آداب وغیرہ کو بالائے طاق رکھ کر ان کو کمرے سے نکل جانے کےلئے کہا۔ ہم خاموشی کے ساتھ چلے گئے ۔ ایک ہفتہ کے بعد لون صاحب نے مجھے حریت کے دفتر بلاکر پوچھا کہ کیا نورانی صاحب ابھی دہلی میں ہی ہیں یا چلے گئے ہیں ۔ میرا دل بھی ان کے رویہ سے دکھی تھا، اس لئے میں نے اب نورانی صاحب سے ترک تعلق کا فیصلہ کرلیا تھا ۔ میں نے لون صاحب سے کہا کہ’’ آپ اس بدتمیز اور مغرور شخص سے پھر ملنا چاہتے ہیں؟ وہ اس قابل نہیں ہے کہ اس کے ساتھ کوئی تعلق رکھا جائے”  مگر لون صاحب نے نصیحت کی کہ "وہ علم کا سمندر ہے، ایسے شخص کے بارے میں ایسی سوچ نہیں رکھنی چاہئے، بلکہ اس کی قدر کرنی چاہئے اور ان کا یہ رویہ دل پر نہیں لینا چاہئے ۔ جتنی دیر وہ اپنی محفل میں بیٹھنے دیتے ہیں، سیکھنے کو بہت کچھ ملتا ہے ۔” ان کے دفتر سے نکل کر آفس کی طرف جاتے ہوئے میں نے انڈیا انٹرنیشنل سینٹر کے ریسپشن سے معلوم کیا  تو پتہ چلا کہ نورانی صاحب ابھی کمرے میں ہی ہیں ۔ میں نے انٹر کام سے نمبر ملایا تو نہایت خندہ پیشانی کے ساتھ جواب دیا ۔ میں نے کہا کہ لون صاحب ملنا چاہتے ہیں ، تو اسی وقت اگلے روز کا نہ صرف وقت دیا  بلکہ ان کو سلام پہنچانے کےلئے بھی کہا ۔

     نیشنل کانفرنس کے عبدا لرحیم راتھر اور پروفیسر سیف الدین سوز بھی ان کا بڑا خیال رکھتے تھے ۔ کشمیر میں اگر ان کو کسی اور شخص کے ساتھ قربت تھی وہ سابق ڈائریکٹر ٹورزم سلیم بیگ تھے، جو خود ایک وسیع المطالعہ شخص اور اتھارٹی ہیں ۔ نورانی صاحب ان کی موجودگی میں کھل جاتے تھے ۔ شیخ عبداللہ اوران کے دست راست مرزا محمد افضل بیگ سے متعلق کہانیوں اور قصوں کے دفتر کھل جاتے تھے ۔ یہ دونوں لیڈران جب بمبئی آتے تھے، تو جنوبی بمبئی میں مالابار ہل کے پاس ان کے فلیٹ میں ہی رکتے تھے۔ ۔

    نورانی صاحب کاکہنا تھا کہ کشمیر کے مسئلہ کے علاوہ جس چیز نے ان کو اس خطے کے ساتھ جوڑ کے رکھا وہ کشمیر کے پکوان یعنی وازوان ہے ۔ شیخ عبداللہ جب 1975 میں وزارت اعلیٰ کی کرسی پر فائز ہوگئے تو ان دنوں ہفتے یا پندرہ روز کے بعد بمبئی سے سرینگر براہ راست فلائٹ ہوتی تھی ۔ وہ اس دن نورانی کےلئے وازوان کی ڈشز پکوا کر ان کو  پارسل بھیجتے تھے ۔ یہ شیخ صاحب کی لاجواب سخاوت تھی ورنہ وہ کسی کےلئے بھی رواداری  برتنے کے عادی نہیں تھے ۔ دہلی میں وہ کشمیری باورچی احد وازہ کے آوٹ لٹ پر ضرور جاتے تھے اور ٹن میں پیک کرکے کھانا اپنے ساتھ لے جاتے تھے ۔ کھانوں کے شوقین ہونے کے باوجود وہ خود نہایت ہی قلیل خوراک لیتے تھے اور اپنے ساتھ لوگوں کو کھلاکر کر خوش ہوتے تھے۔ کشمیر کی انفرادیت کے حوالے سے وہ اتنے حساس تھے کہ ایک بار انہوں نے کہا کہ دہلی کی نظام الدین بستی میں ایک کشمیر پکوان کی دکا ن کھلی ہے اور وہاں ڈنر کےلئے جانا ہے۔ یہ ایک چھوٹی سی دکان تھی۔  بیٹھے ہی انہوں نے رستہ، گشتابہ، قورمہ وغیر کا ایک لمبا چوڑ ا آرڈر دیا ۔ نظام الدین علاقہ دہلی کا ایک طرح سے قلب ہے اور باہر سے آئے زائرین اور سیاحوں سے بھرا رہتا ہے ۔ جنوبی بھارت کی کوئی فیملی بھی اسی دوران ہمارے بغل کی میز پر برا جمان ہوگئی۔ ظاہر سی بات ہے کہ وہ کشمیری پکوانوں سے نابلد تھے اور مینو ان کو کچھ سمجھ میں نہیں آرہا تھا ۔ انہوں نے باہر چکن کو تندور میں پکتے دیکھا تھا، تو انہوں نے اسی کا آرڈر دیا ۔ جب ان کا آرڈر آگیا تو نورانی صاحب کو طیش آگیا کہ کشمیر ی ہوٹل میں کیسے کوئی غیر کشمیری ڈش کھاسکتا ہے ۔ پہلے تو انہوں نے برداشت کیا پھر ان کی میز پر جاکر ان کو خوب سنائی ۔ وہ حیران و پریشان  تھے۔ ہوٹل کا منیجر میرے پاس آکر کہنے لگا، ان کو سنبھالو، یہ میرے گاہک بھگا رہے ہیں ۔ میں نے اس کو مشورہ دیا کہ اس فیملی کو رستہ یا گوشتابہ کی ایک پلیٹ دے دو اور ہماری بل میں اس کو جوڑ دینا۔ خیر جب ا ن کی میز پر کشمیری پکوان آگئے، تو ان کا غصہ ٹھنڈا ہوگیا ۔ انہوں نے جو لمبا چوڑا آرڈر دیا تھا، وہ بھی ان کو کھلایا ۔

    کشمیری کھانے ان کی کمزوری تو تھی، مگر انہوں نے کبھی کشمیر میں شادی وغیرہ کی تقریب میں تازہ اور مستند پکوان جس طرح پروسے جاتے ہیں، سے لطف نہیں اٹھایا تھا ۔ 2006 میں ان کو میں اپنے ایک کزن کے ولیمہ میں ساتھ لے گیا ۔ کشمیر میں محفل میں کھانا چار آدمی ایک بڑی پلیٹ کے ارد گرد زمین پر بیٹھ کر  کھاتے ہیں۔ گھٹنوں کے درد کی وجہ سے ان کےلئے ایک کرسی اور ٹیبل کا انتظام کرنا پڑا۔ وہاں محفل کے آداب بڑی سختی کے ساتھ نبھائے جاتے ہیں اور باورچی ترتیب کے ساتھ مختلف ڈشز سرو کرتا ہے ۔ چونکہ ان کی پہلی ڈش کے ختم ہونے سے پہلے ہی باورچی دوسری ڈش  پلیٹ میں ڈالنے کےلئے آتا تھا تو وہ اس کو روک دیتے تھے۔ پوری محفل ہاتھ روکے انتظار کرتی تھی ۔ پھر ایک ڈش ان کو زیادہ پسند آگئی، تو انہوں نے وہ دوبار منگوائی اورپارٹی میں سبھی دوسو افراد کوبھی دوسری بار دینے کےلئے کہا ۔ اس کی اپنی مقدار ہوتی ہے ۔ میرے ماموں ، جن کا بھی ابھی حال ہی میں انتقال ہوا، نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خیمہ کا دوسرا دورازہ کھلواکر باورچی کےلئے محفل میں کھانا پروسنے کےلئے راستہ بنایا اور ترتیب برقرار رکھی ۔

    پاکستانی صدر پرویز مشرف نے کشمیر پر اپنے چار نکاتی فارمولہ کا اعلان نورانی کے ساتھ فرنٹ لائن جریدہ کےلئے انٹرویو میں ہی کیا ۔ اس سے قبل اپنے کئی تحریروں اور ٹریک ٹو میٹنگوں میں نورانی نے اس قضیہ کو زمینی کے بجائے انسانی بنیادوں پر حل کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ اسلام آباد روانگی سے قبل وہ وزیر اعظم من موہن سنگھ سے اکیلے میں ملے تھے اور انٹرویو سے قبل مشرف کے ساتھ دس منٹ ون ٹو ون میٹنگ بھی کی تھی۔ اس لئے بتایا جاتا ہے کہ یہ فارمولہ مشرف کے بجائے بھارت کی طرف سے آیا تھا، بس پاکستانی صدر کے ذریعے اس کو پبلک کرایا گیا ۔

    یہ انٹرویو بذات خود ایک کہانی بن گیا ۔ ان کو بتایا گیا تھاکہ صدر کے علاوہ تین اور افراد یعنی وزیر خارجہ، سیکرٹری خارجہ اور فوج کے آئی ایس پی آر کے سربراہ بھی انٹرویو کے دوران موجود ہوں گے۔ مگر کمرے میں غیر متوقع طور پر چوتھا شخص بھی تھا ۔ انہوں نے مشرف سے کہا کہ ان کو بتایا گیا تھا کہ تین افراد موجود رہیں گے مگر یہاں چار افراد ہیں ۔ مشرف نے اشارہ سے چوتھے شخص کو باہر جانے کےلئے کہا، جس کے بعد انٹرویو شروع ہوگیا ۔ چوتھا شخص، کوئی اور نہیں ، جنرل اشفاق پرویز کیانی تھے ۔ جو اس وقت آئی ایس آئی کے سربراہ تھے اور بعد میں فوج کے سربراہ مقرر ہوئے ۔ وہ مشرف فارمولہ کے زبردست حامی تھے ۔ اس کی وجہ سے ان کی گیلانی صاحب سے ناچاقی بھی ہوئی تھی اور اپنی تحریروں میں انہوں نے ان کے خلاف سخت الفاظ بھی استعمال کئے تھے۔

    ان ہی دنوں فیڈرل ازم پر کشمیر میں ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہو رہی تھی، وہ اس میں مدعو تھے ۔ میں بھی ان دنوں سرینگر میں ہی تھا ۔ کانفرنس کے دوران انہوں نے درخواست کی کہ چونکہ وہ سرینگر میں ہیں ، اس لئے بطور ادب و اخلاق وہ گیلانی صاحب سے ملنا چاہتے ہیں ۔ خیر ملاقات طے ہوئی تو ڈرائنگ روم میں بیٹھتے ہی کہا ۔ ’’گیلانی صاحب میں قہوہ پینے اور کباب کھانے یہاں آیا ہوں ۔ آپ کے ساتھ بات کرنا تو فضول ہے ۔ آپ بھی اس دوران کوئی سیاسی بات نہ کریں ۔ ‘‘ گیلانی صاحب نے مسکرا کر ان سے کہا کہ آپ درویش ہیں ، آپ کی کسی بات کاہم برا نہیں مناتے ہیں ۔ ہم کشمیری درویشوں کا بڑا ادب کرتے ہیں ۔ ‘‘

    نومبر 2008 کو جب پی چدمبرم نے وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھالا توا ن کو وزیر اعظم کی طرف سے ہدایت تھی کہ وہ نورانی سے ملیں اور ان سے کشمیر سے سلسلے میں بریفنگ لیں ۔ اپنے وزیر ہونے کے زعم میں انہوں نے اپنے کسی افسر کو نورانی سے رابطہ کرنے اور ان کو دہلی لانے کےلئے کہا ۔ نورانی نے جواب میں کہا کہ وہ وزارت داخلہ کی میزبانی قبول نہیں کریں گے ۔ جب ا ن کو اپنے کام سے دہلی آنا ہوگا، تو وہ مطلع کریں گے ۔ خیر شاید کئی ماہ بعد وہ دہلی آئے ۔ شام کو پانچ بجے کے آس پاس وزارت داخلہ میں مختلف ڈویژنوں کے سربراہان یا ہوم سیکرٹری میڈیا کو بریفنگ دیتے تھے ۔ اس لئے دیگر رپورٹر کے ساتھ میں بھی اس وقت وزارت داخلہ کے کوریڈورز میں موجود تھا کہ ہم نے وزیر کے کمرے سے نورانی صاحب کو نمودار ہوتے ہوئے دیکھا ۔ پی چدمبرم ان کو لفٹ تک چھوڑنے ساتھ آئے تھے ۔ وزیر کی کوریڈور میں موجودگی سے ہل چل مچ گئی ۔ سبھی رپورٹرز یا افسران ان کے ارد گرد جمع ہوگئے ۔ لفٹ کے پاس پہنچ کر چدمبرم نے خود ہی بٹن دبایا اور ان کو الوداع کہنے ہی والے تھے  کہ نورانی صاحب نے لقمہ دیا ۔ ’’مسٹر ہوم منسٹر، بہت بہت شکریہ  یہ میٹنگ آپ کے لئے اور میرے لئے وقت کا زیاں تھا ۔ ‘‘ پریس اور تمام افسران کی موجودگی میں چدمبرم ہکا بکا ہوکر رہ گئے ۔ چدمبرم گو کہ بھارت کے بہتر وزیر داخلہ تھے، مگر ان کو زعم تھا کہ وہ سب کچھ جانتے تھے ۔ نورانی صاحب ان کو عقل کل کہتے تھے ۔

    اسی طرح ایک بار شمالی کشمیر کے موجودہ ممبر پارلیمنٹ انجینئر رشید، جو ان دنوں لنگیٹ حلقہ سے ممبر اسمبلی تھے، نے ان کو اپنے حلقہ میں  مدعو کیا ۔ لنگیٹ تحصیل کے ایک خوبصورت مقام ریشی واری میں انہوں نے ظہرانے کا اہتمام کیا تھا ۔ سرسبز جنگلوں اور پہاڑی نالوں سے پْر اس وادی میں داخل ہوتے ہی تقریباً 30 کلومیٹر تک سڑک سے ملحق سبھی گھروں کی دوسری منزل پر  فوجی جوان نظر آئے۔ معلوم ہوا کہ گھروں کے مکین تو پہلی منزل پر رہتے ہیں اور دوسر ی منزل فوج کے لئے مخصوص ہے۔ ہمارے آنے سے قبل فوج کے مقامی برگیڈ کمانڈر نے جب نورانی صاحب کی آمد کے بارے میں سنا تو اصرار کیا کہ چائے وہ برگیڈ ہیڈ کوارٹر میں نوش کریں ۔ ان کو جب بتایا گیا تو انہوں نے خشم آلود لہجے میں منع کر دیا ۔ لنچ وغیرہ سے فراغت کے بعد دیکھا کہ ریسٹ ہاوس کے باہر آرمی کی گاڑیاں ہیں اور برگیڈیر صاحب خود ہی ملنے آن پہنچے ہیں ۔ سلام وغیرہ کے بعد انہوں نے نورانی صاحب کو یاد دلانے کی کوشش کی کہ وہ ان کے استاد ہیں ، کیوں کہ جب وہ ملٹری اکیڈیمی لیکچر دینے آئے تھے، تو وہ سامعین میں تھے اور امتحانات کی تیاری کے لئے بھی وہ ان کے کالم اور کتابیں پڑھتے رہے ہیں ۔ نورانی صاحب نے ان کی طرف دیکھے بغیر کہا کہ’’ جو کچھ میں یہاں دیکھ رہا ہوں ، وہ تو میں نے کبھی نہیں پڑھایا ۔ ‘‘ چند منٹوں کے بعد ہی برگیڈیر کو احساس ہوا کہ وہ ناپسندیدہ شخصیت ہیں، اور اپنے لاؤ لشکر کے ساتھ واپس چلے گئے۔ مگر نورانی صاحب کا موڈ خراب ہو چکا تھا ۔

    ان کے ساتھ کئی لٹریری میلوں میں بھی جانے کا موقعہ ملا ۔ کیرل لٹریری فیسٹیول میں ان کی کتاب The Kashmir Dispute پر ایک سیشن تھا ۔ مجھے اس کی نظامت کےلئے مد عو کیا گیا تھا ۔ اسٹیج پر جب تک وہ رہتے تھے تو کسی بھی سوال کا برا نہیں مانتے تھے ۔ بحث و مباحثہ کو وہ خوب انجوائے کرتے تھے۔ اپنے نام کے ساتھ القاب لگانا بھی پسند نہیں کرتے تھے۔ کشمیر کے ایک لیڈر محمد یوسف تاریگامی سے بس اس لیے  خفا ہوگئے تھے کہ انہوں نے ان کو کسی دن جناب، محترم جیسے لمبے چوڑے القاب سے یاد کیا تھا،  وہ اس کو چھچھورا پن کہتے تھے۔ ان کی تقریر کے دوران اگر کسی کیمرہ مین نے فلیش لائٹ چلائی یا تقریب کے بعد لوگ ان کے ارد گرد آکر اپنا تعارف کرانے لگتے تو ان کا موڈ آف ہو جاتا تھا ۔ پہلے تو وہ کتاب کے آٹو گراف سے بھی منع کرتے تھے۔ مگر بعد میں پبلشرز کے اصرار پر اور دوستوں کے مشورہ کے بعد وہ آٹو گراف دینے لگے تھے۔ اسٹیج سے اترتے ہی ان کو ہجوم سے دور کسی خاموش کارنر میں لے جانا پڑتا تھا ورنہ کسی نہ کسی کی شامت آہی جاتی تھی ۔ میں نے اس تقریب میں اسٹیج سے کئی بار سامعین کو گوش گذار کروایا کہ جو بھی سوالات ہیں وہ ابھی پوچھ لیں۔ مگر جب ہم ایک کونے میں لنچ کر رہے تھے، مدھیہ پردیش کی کسی یونیورسٹی کے ایک پروفیسر پہنچے اور اپنا کارڈ دےکر کوئی سوال پوچھا اور پھر ان پرجو قہر ٹوٹا وہ شاید ابھی تک بھول نہیں پائے ہوں گے۔

    حامد انصاری کو 2007 میں نائب صدر کے عہدے پر فائز کروانے میں ان کا اہم رول رہا ہے ۔ ان دنوں لیفٹ فرنٹ کی حمایت سے کانگریس کی حکومت ٹکی ہوئی تھی ۔ جب ایک خاتون پرتیبھا پاٹل کو صدر بنایا گیا تو نائب صدر کےلئے تلاش چل رہی تھی ۔ کانگریس نے چند نام تجویز کئے تھے۔ جیسے ڈاکٹر کرن سنگھ وغیرہ، جن کو لیفٹ فرنٹ نے مسترد کردیا تھا ۔ ایک روز جب انڈیا انٹرنیشنل سینٹر میں مقررہ وقت پر میں ان سے ملنے پہنچا، تو دیکھا کہ حامد انصاری، جو ان دنوں قومی اقلیتی کمیشن کے سربراہ تھے، ان کے کمرے سے باہر آرہے تھے ۔ میں نے ان سے پوچھا کہ انصاری صاحب نائب صدر کے عہدے کےلئے موزوں شخص ہیں، اگر کوئی ان کا نام کانگریس یا لیفٹ کے زعما تک پہنچا دے ۔ میں چوں کہ کانگریس پارٹی کور کرتا تھا اس لیے مجھے معلوم ہوا تھا وہ کسی پڑھے لکھے سلجھے ہوئے مسلمان امیداوار کو ڈھونڈ رہے ہیں۔کیوں کہ انہوں نے سائنس داں اے پی جے عبدالکلام کو صدارت کی دوسری ٹرم نہیں دی تھی، اس لئے اس کی بھر پائی کےلئے ان کو ویسا ہی نائب صدر چاہئے تھا ۔ میری ملاقات کا وقت ختم ہونے والا تھا کہ انہوں نے کہا کہ چند لمحے اور بیٹھوں ۔ کمیونسٹ پارٹی مارکسسٹ کے جنرل سیکرٹری پرکاش کرات کے ملنے کا وقت تھا ۔ کرات  جب ان کے کمرے میں براجمان ہوئے تو انہوں نے میری طرف اشارہ کرکے کہا کہ’’ افتخار کچھ کہہ رہے تھے ۔ ‘‘ مجھے حامد انصاری والی بات دہرانے کو کہا ۔ کرات نے کہا کہ نام تو کانگریس کی طرف سے آنا چاہئے ،ہمارا کام تو ’’ہاں ‘‘ یا ’’نہیں ‘‘ کرنا ہے ۔ خیر انہوں نے نورانی صاحب سے کہا کہ سنا کہ آپ کل میڈیم یعنی کانگریس صدر سونیا گاندھی سے مل رہے ہیں لہذا وہاں یہ تجویز دے دیں ۔ اگر کانگریس نے یہ نام دیا تو ہماری پارٹی کوئی اعتراض نہیں ہوسکتا ہے ۔ ایک ہفتے بعد ہی اعلان ہوا کہ حامد انصاری حکمران اتحاد کے نائب صدر کے امیدوار ہیں ۔ وہ دس سال اس عہدے پر فائز رہے ۔

    کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کے بارے میں نورانی صاحب کچھ نہیں جانتے تھے ۔ وہ ٹائپ رائٹر کا استعمال بھی نہیں جانتے تھے اور اپنے تمام مضامین ہاتھ سے لکھتے تھے ۔ اس کا بنیادی تحقیقی مواد بہت سارے مضامین اور اخباری تراشوں پر مشتمل ہوتا تھا۔ یہ عادت انہوں نے 1940 کی دہائی میں اسکول سے ہی شروع کی تھی اور ان کی لائبریری میں مختلف موضوعات پر فائلوں میں لاتعداد اخباری تراشے موجود تھے۔ ہاتھ سے لکھنے کے بعد ا ن کا اسٹینو اس کو ٹائپ کرتا تھا اور پھر وہ فیکس یا کورئیر سے اخبار کے دفتر بھیجتے تھے۔ این رام نے ان کو ایک کمپیوٹر تحفہ میں دیا تھا ۔ مگر انہوں نے اس کا استعمال کبھی نہیں کیا ۔ ہاں ان کا اسٹینو اب ٹائپ رائٹر کے بجائے کمپوٹر پر ٹائپ کرکے پرنٹ آوٹ لیتا تھا۔ رائٹنگ میز کا انہوں نے کبھی استعمال نہیں کیا ۔ ان کے اسٹڈی روم میں ایک 2 فٹ اونچی چارپائی تھی جس پر بیٹھ کر ٹیک لگائے وہ مضامین لکھتے تھے ۔ ایک بار ڈان اخبار کےلئے انہوں نے مضمون لکھا تھا اور دہلی میں کسی کو ٹائپ کرنے کےلئے ڈھونڈ رہے تھے ۔ میں نے کہا کہ میں لیپ ٹاپ ان کے کمرے میں لاکر ٹائپ کردیتا ہوں ۔ وہ بول کر ٹائپ کروارہے تھے، کیونکہ ان کی لکھائی پڑھنا میرے بس میں نہیں تھا ۔ ٹائپ کرنے کے بعد وہ اس کا پرنٹ آوٹ مانگنے لگے ۔ میں نے اسکرین پر فانٹ بڑھا کرکے ان کو پڑھوایا اور ڈونگل لگا کر ای میل سے ڈان اخبار کو بھیج دیا ۔ ان کو یقین نہیں ہور ہا تھا ۔ انہون نے فون کرکے اطمینان کیا اور پھر مجھے جانے کی اجازت دی ۔

    وقت کے اتنے پابند کہ اگر انہوں نے دس بجے کا وقت ملنے کےلئے دیا ہے، تو اس کے ایک منٹ بعد اگر آپ پہنچے، تو ان کا موڈ خراب ہوجاتا تھا۔ اس کے بعد دیر سے آنے والےکو وہ بلیک لسٹ کردیتے تھے ۔ جاوید نقوی اور ان کے برادر اکبر سعید نقوی کے ساتھ ان کو خدا واسطے کا بیر تھا ۔ دونوں بھائیوں نے کئی بار ثالثوں کے ذریعے صلح صفائی کی کوشش کی، مگر وہ ان کو معاف کرنے کے لئے تیار نہیں تھے ۔ ایک بار سعید بھائی سے ہی پوچھا کہ آخر ان سے کیا خطا سرزد ہوئی ہے؟ تو انہوں نے کہا کہ تقریبا بیس برس قبل ان کو پرانی دہلی کی کسی گلی میں کسی گمنام ہوٹل میں نورانی صاحب کو لیکر نہاری کھانے جانا تھا۔ بس کچھ ایسا ہوا کہ دماغ سے نکل گیا۔ بس وہ دن اور آج کا دن، انہوں نے ہمیں اپنی ناپسند مخلوق قرار دے کر اپنی زندگی سے خارج کردیا ہے ۔ ایک بار رات گئے جب میں آفس سے گھر کی طرف روانہ ہو رہا تھا کہ ان کا ممبئی سے فون آیا کہ جاوید نقوی کو سلام کہنا اور بتانا کہ آج ڈان میں بہت ہی اچھا آرٹیکل لکھا ہے ۔ میں خوش ہوا کہ برف پگل گئی ہے اور کل یہ خوشخبری جاوید نقوی کو سناوں گا اور باضابط ان سے پارٹی کرواؤں گا ۔ بیس منٹ بعد جب میں جب گاڑی ڈرائیو کر رہا تھا کہ ان کا پھر فون آیااور پوچھنے لگے کہ میں نے انکا مسیج پہنچایا تو نہیں ۔ میں گھبرا گیا کہ کیا یہ اتنا ضروری مسیج تھا ۔ میں نے کہا کہ شاید وہ سو گئے ہوں گے، کل صبح ہی پہنچا دوں گا ۔ کہنے لگے ، نہیں بالکل نہیں ، سلام نہیں کہنا، بس یہ کہنا کہ آرٹیکل بہت اچھا تھا۔ اسی طرح ایک محفل میں ایک اسکالر جو مسلم ایشوز کے بارے میں قومی اخبارات میں لکھتے تھے، ان کے پاس آکر کہنے لگے، نورانی صاحب آپ سے مل کر بہت خوشی ہوئی، تو انہوں نے جواب دیا، کہ ان کو کوئی خوشی نہیں ہوئی۔ آپ نے فلاں دن، فلاں اخبار میں اپنے آرٹیکل کی اٹھارہیوں لائن میں کیا اناپ شناپ لکھا تھا ۔ وہ رائٹر اس آرٹیکل کو خود بھول چکا تھا، مگر نورانی صاحب کے ذہن میں گرہ لگا چکا تھا ۔

    ممبئی کے فیشن ایبل علاقے کے فلیٹ میں وہ اکیلے ہی رہتے تھے ۔ انہوں نے شادی نہیں کی تھی ۔ خوشونت سنگھ کی زیر ادارت الیسٹریٹڈ ویکلی کے وہ کالم نویس تھے ۔ بقول خوشونت سنگھ انہوں نے ایک اور کالم نویس انیس جنگ کے ساتھ ان کی نسبت کی بات چلائی تھی ۔ دونوں نے اوبرائے ہوٹل میں ملنے پر رضامندی ظاہرتو کی، مگر اس عالیشان ہوٹل کے کس ریسٹورنٹ میں ملنا ہے، یہ طے نہیں کیا تھا۔ نورانی وقت پر پہنچ کرایک ریسٹورنٹ میں بیٹھ گئے۔ انیس جنگ دوسرے ریسٹورنٹ میں برا جمان ہوگئیں۔  پندرہ منٹ تک دونوں ایک دوسرے کا انتظار کرکے اٹھ گئے اور دونوں کی ملاقات لفٹ کے پاس ہوئی۔ دونوں کو یقین تھاکہ دوسرا فرد دیر سے آیا ہے ۔ لفٹ کے پاس ان کی جھڑپ ہوئی تو ہوٹل کے ملازموں نے بیچ بچاؤ کرایا ۔ یہ متوقع شادی انجام تک پہنچنے سے قبل ہی ختم ہوگئی ۔ دونوں پھر زندگی بھرکنوارے ہی رہے ۔

    اپنے مضامین اور کتابوں میں وہ حوالہ جات سے اپنے دلائل کی عمارت اتنی مضبوط کھڑی کردیتے تھے کہ اس کو ہلانا یا اس میں سیندھ لگانا نہایت ہی مشکل ہوتا تھا ۔ اپنی کتاب آرٹیکل 370: کانسٹی ٹیوشنل ہسٹری آف جموں و کشمیر میں انہوں نے بڑی عرق ریزی سے آرٹیکل 370 کی تدوین اور ان تمام دستاویزات اور اس کے متعلق دیگر ایشوز کا مبسوط احاطہ کیا ہے جس سے یہ واضح ہو جاتا ہے کہ ریاست کو بھارت کے ساتھ مشروط الحاق کے وقت جو ضمانتیں اور آئینی تحفظات فراہم کئے گئے تھےان کو کس طرح روندا گیا ہے ۔ یہ کتاب بی جے پی کے لئے سوہان روح تھی  کیوں کہ اس میں دستاویزی حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جن سنگھ کے بانی شیاما پرساد مکھرجی نے جن کا نام آرٹیکل 370 کی مخالفت کرتے وقت بی جے پی اچھالتی ہے نے اس کی مکمل حمایت کی تھی۔ بی جے پی اس وقت کے وزیر داخلہ سردار پٹیل کا نام بھی اس پروپیگنڈا کے لئے استعمال کرتی ہے کہ انہوں نے اس مسئلہ پر پنڈت جواہر لعل نہرو کی مخالفت کی تھی ۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ پٹیل نے بھی اس دفعہ کی مکمل تائید کی تھی ۔

    اسی طرح اپنی کتا ب India-China Boundary Problem, 1846-1947 History and Diplomacy میں انہوں نے ثابت کیا ہے کہ بھارت اور چین کے درمیان سرحدی تنازع ایک مفروضے کے سوا کچھ نہیں، جس کو بھارتی سفارت کاری نے گزشتہ تین دہائیوں سے فریب اور دھوکہ دہی کے ذریعے بڑی کامیابی سے دنیا کے سامنے پیش کر رکھا ہے ۔ اس جھوٹے پروپیگنڈہ کا آغاز کسی اور نے نہیں بلکہ ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو نے خود کیا تھا ۔ 27 اکتوبر 1947ء کو جس وقت بھارتی فوجیں کشمیر میں داخل ہوئی تو ریاست جموں و کشمیر کا رقبہ 82,258 مربع میل دکھایا گیا۔ بھارتی وزیر داخلہ سردار پٹیل نے جب ریاستوں سے متعلق ایک وہائٹ پیپر جاری کیا تو اس میں بھی یہی رقبہ دکھایا گیا۔ 1891ء میں پہلی مردم شماری کے وقت ریاست کا رقبہ 80,900 مربع میل دکھایا گیا تھا۔ مگر 1911ء کی مردم شماری میں رقبہ بڑھا کر 84,258 مربع ریکارڈ کیا گیا ۔ مردم شماری کے کمشنر کی رائے پر 1941 میں اس رقبہ کو گھٹا کر 82,258 مربع میل کردیا گیا ۔ 1951ء میں پہلی مردم شماری کے وقت اسی کو دہرایا گیا ۔ البتہ 1961ء کی مردم شماری میں ریاست کے رقبہ کو بڑھا کر 86,024 مربع میل دکھایا گیا ۔ یہ جغرافیہ کہاں سے حاصل ہوا یہ ایک سسپنس ہے ۔ اس دوران کوئی جنگ بھی نہیں ہوئی تھی ۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ بھارت نے جموں و کشمیر کے رقبہ میں 3,766 مربع میل کا اضافہ 1960ء میں پاکستان کے صدر ایوب خان کے ساتھ کراچی میں تاریخی سندھ طاس آبی معاہدہ پر دستخط کرکے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے وطن لوٹنے کے فوراَ بعد کیا ۔ بھارتی خارجہ پالیسی کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت چاہتا ہے کہ خطے کے ممالک اس کو انکل سمجھیں اور بڑی طاقتیں اس کو بھائی مانیں ۔ نریندر مودی کے برسر اقتدار آنے کے بعد یہ سوچ کچھ زیادہ ہی پختہ ہوگئی ہے۔

    کتاب ’’ڈسٹرکشن آف بابری مسجد: اے نیشنل ڈس آنر‘‘ میں بھی انہوں نے کئی حقائق پر سے پردہ اٹھایا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ اندرا گاندھی کے دور اقتدار میں ہی بابری مسجد کی جگہ پر رام مندر کی تعمیر کی راہ ہموار کرنے کے لئے وشو ہندو پریشد کے ساتھ ایک ڈیل ہوئی تھی ۔ گو کہ پریشد نے اندرا گاندھی کی ہلاکت کے بعد اپنی تحریک روک دی مگر راجیو گاندھی نے اس ڈیل کو پھر زندہ کیا تاہم، اس سے پہلے وہ مسلمانوں پر کوئی احسان کرنا چاہتے تھے ۔ اس کے لیے ان کے حواریوں نے ایک مسلم مطلقہ خاتون شاہ بانو کا قضیہ کھڑا کیا اور پارلیمنٹ سے ایک قانون پاس کروایا کہ مسلم پرسنل لاء میں عدالت کوئی ترمیم نہیں کرسکتی ۔ مصنف کے بقول انہوں نے راجیو گاندھی کو مشورہ دیا تھا کہ اس قضیہ کو کھینچنے کا کو ئی فائدہ نہیں ہے، اور اس کو اینگلو محمڈن قانون کے بجائے شرعی قانون کے مطابق حل کیا جاسکتا ہے، مگر وہ مسلمانوں کو سیاسی بیوقوف بنانے پر تلے ہوئے تھے تاکہ پریشد کے ساتھ ڈیل کو آگے بڑھایا جاسکے  اور یہی ہوا ۔ کانگریس کے علاوہ دیگر سیکولر جماعتوں نے جب وہ اتر پردیش میں حکومت کر رہی تھیں،نے بابری مسجد کی مسماری کے ملزمان کے خلاف کارروائی کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی ۔ حتیٰ کہ ایک معمولی نوٹیفکیشن تک کا اجراء نہیں کرسکیں جس سے خصوصی عدالت میں ان افراد کے خلاف مقدمہ چلایا جا سکتا تھا ۔

    معروف صحافی سدھارتھ وردراجن کے مطابق کسی بھی دوسرے ملک میں  نورانی جیسے عوامی دانشور کی ایک قابل احترام قومی خزانہ کے بطور عزت افزائی کی گئی ہوتی ۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ خود مسلم تنظیموں اور دانشورں نے بھی ان سے بے اعتنائی برتی ۔ اگر ہندی اخبار دینک بھاسکرکو ان کے کالم شائع کرنے سے کوئی عار نہیں تھا تو اردو کا کوئی اخبار ان کو کیوں شائع نہیں کرتا تھا۔ یہ ایک بڑا سوال ہے، جو اردو اخبارات کے مالکان اور مدیروں کو اپنے ضمیر سے پوچھنا چاہئے ۔ حیدر آباد کا سیاست، انقلاب یا راشٹریہ سہارا تو ان کے کالم کے متحمل ہوسکتے تھے ۔ مسلم دانشوروں میں ڈاکٹرمنظور عالم واحد شخص ہیں ، جنہوں نے ان کو انسٹیٹوٹ آف آبجیکٹیو اسٹیڈیز کی طرف سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ تفویض کرکے اس ایوارڈ کو ہی رونق بخشی  ۔ مسلم سیاستدانوں میں اسد الدین اویسی واحد شخصیت ہیں ، جو ان سے رابطہ میں رہے اور آخری وقت وہی ان کاخیال رکھتے تھے ۔

    پچھلے چار سالوں سے نورانی صاحب علیل تھے ۔ گھٹنوں کے درد کی وجہ سے وہ پہلے ہی وہیل چیر پرمحدود ہو گئے تھے ۔ ان کی اپنی کوئی فیملی نہیں تھی۔ اس عرصے کے دوران ان کے ہاتھ میں لرزش آگئی تھی ۔ وہ کالم لکھ نہیں پا رہے تھے ۔ بتا رہے تھے کہ ان کی آمدنی اب تقریبا ً ختم ہو چکی ہے ۔ بس اکتوبر میں کتابوں کی رائلٹی آتی ہے اسی کا انتظار رہتا ہے ۔ اس دوران وہ باتھ روم میں گر گئے  جس سے ان کی ٹانگ میں فریکچر آگیا تھا ۔ اویسی صاحب کا اللہ بھلا کرے کہ انہوں نے ایک ملازم رکھ دیا  جو ان کی دیکھ بھال کرتا تھا۔ مگر وہ خود دار اتنے تھے کہ ان کو کوئی امداد دینا تو اپنے پر کلہاڑی مارنے کے مترادف تھا ۔ اس لئے اس ملازم کی تنخواہ ان کی حیدر آباد پر لکھی ہوئی کتاب کی رائلٹی سے دی جاتی تھی ۔ اویسی صاحب نے خود ہی اس کتاب کی سینکڑوں کاپیاں خریدی تھیں ۔

    اس بلند پایہ شخصیت کو الوداع کرتے ہوئے دکھی من سے تحریر کرنا پڑتا ہے کہ ان کی قدر نہیں ہوئی جس کے وہ حقدار تھے ۔ وہ ایک ایسا عظیم ورثہ چھوڑ کر گئے ہیں جس کےلئے صدیوں تک ان کو یاد کیا جائیگا ۔ ان کی کتابیں اور نگارشات اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ انصاف کے لیے ان کا عزم ان لوگوں کے دلوں اور دماغوں میں زندہ رہے گا جو ان کے نظریات کو برقرار رکھنے کے خواہش مند ہیں ۔ سیاسی نظریہ سے قطع نظر جو اکیڈمک کام انہوں نے کشمیر پر کیا اس کا احسان کبھی چکایا نہیں جا سکتا ہے ۔ اے جی نورانی صاحب سکون سے رہیں  آپ کی میراث محفوظ اور جاری ہے ۔

  • ایک نیر تاباں حکیم شاہد بدر فلاحی ؒ

    ایک نیر تاباں حکیم شاہد بدر فلاحی ؒ

    کچھ افراد اقوام و ملل میں زندگی کی علامت ہوتے ہیں۔ حکیم شاہد بدر رحمہ اللہ اسی قسم کے مرد مؤمن تھے۔ مصروفیات سے بھری زندگی میں اچانک ایک مرض کا حملہ ہوتا ہے اور چند ہی روز بعد 20 جولائی کو ہزاروں افراد کو سوگوار حالت میں چھوڑ کر دنیائے فانی سے کُوچ کرجاتے ہیں۔ ان  کی حیات کا ایک ایک لمحہ زندگی اور زندہ دلی سے عبارت ہے۔ دین کے لئے جدوجہد کرنے والوں کو تکلیف میں دیکھ کر تڑپنا کوئی ان سے سیکھے۔ یہ افراد ضلعی سطح کے ہوں، ملکی سطح کے ہوں یا عالمی سطح کے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

    حکیم شاہد بدر کی زندگی کا سب سے ابھرا ہوا پہلو اپنے مقصد اور کام کے تئیں انتہا درجے کا اخلاص اور لگن ہے۔ بچپن ہی میں یتیم ہوگئے۔ بچپن ہی میں تعلیم کے لیے جامعۃ الفلاح میں داخلہ ہوا۔  تعلیم میں یکسوئی کے ساتھ ساتھ اس کو عمل کے ذریعے ثابت کرنے کی لگن ان کی پہچان بن گئی۔ جامعۃ الفلاح میں سابق طلبہ تنظیم ایس آئی ایم سے وابستہ ہوگئے۔ تنظیم نے ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو نکھارا تو ایک ہیرے کی شکل اختیار کرگئے۔ فلاح سے فراغت کے بعد علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں داخلہ لیا تو وہاں یونٹ کے صدر بنائے گئے اور وہاں تنظیم کو یونیورسٹی کی سطح پر مستحکم کیا۔ کیمپس میں اسلامی طلبہ تنظیم کے استحکام کے ضمن میں جب بھی بات ہوگی تو ایس آئی ایم کے تذکرے کے تحت ڈاکٹر شاہد بدر کا ذکر ضرور ہوگا۔ اپنے مضمون میں مہارت کے ساتھ طلبائی جدوجہد کی اعلی مثال حکیم صاحب تھے۔

    طلبہ تحریک ہی ان کی سب سے بڑی پہچان تھی اور آخری وقت تک وہ ملت کے طلبہ و نوجوانوں سے ٹوٹ کر محبت کرتے نظر آتے رہے۔ ہر طرح کے طلبہ اور نوجوان ان کے پاس آتے اور ان سے رہنمائی حاصل کرتے۔ نوجوانوں کی تربیت پر خصوصی توجہ دیتے۔ طلبہ میں تصنیف و تالیف کے ذوق کو نکھارنے اور انہیں اسلامی فکر سے مسلح کرنے کے لیے آخر وقت تک کوششیں کرتے رہے۔ متعدد دفعہ انوکھے موضوعات پر مضمون نگاری کا مسابقہ کروایا۔ مختلف میدانوں میں سرگرم نوجوانوں کی رہنمائی کے لیے ان کی ضرورت کے حساب سے توجہ دیتے۔ اس طور پر عملاً وہ نوجوانوں کی نفسیات کے بھی ڈاکٹر بن چکے تھے۔

    بابری مسجد کا قضیہ ملت اسلامیہ ہند کا سب سے بڑا قضیہ رہا ہے۔ اس کو زندہ رکھنے، ملت کے اندر اس کی اہمیت کو اجاگر کرنے نیز بابری مسجد کی بازیابی کی جدوجہد میں نوجوان قیادت کا ذکر ہوگا تو اپنے دور میں شاہد بدر واضح طور پر قائدین کی صف اول میں نظر آئیں گے۔

    ڈاکٹر شاہد بدر کے یہاں کوئی کام برائے کام نہیں ہوتا تھا۔ ہر کام کے پیچھے ایک مقصد اور خلوص و للہیت موجود ہوتی۔ اس وجہ سے وہ کوئی موقع دعوت و تبلیغ کا ہاتھ سے جانے نہیں دیتے تھے۔ جب طلبہ تنظیم کے صدر تھے تو اس دور میں گجرات میں تباہ کن زلزلہ آیا۔ ایس آئی ایم کی ٹیم متاثرین کی مدد کے لیے میدان میں اتری۔ اس نے انسانوں کو سہارا دینے کے ساتھ ہی  بندوں کو اللہ کے در پر پہنچانے کی کوشش بھی کی۔ حکیم صاحب ٹیم کی قیادت کررہے تھے۔ اس موقع پر گجرات کے ضلع بھوج میں گم گشتہ راہ انسانوں تک اللہ کا پیغام پہنچانا، حکومت گجرات کی نگاہ میں جرم بن جاتا ہے اور ایف آئی آر درج ہوجاتی ہے۔ یہ کیس وفات تک برقرار رہا۔ ایک وقت ایسا بھی آیا جب اس کیس کی وجہ سے بڑی آزمائش میں پڑنے سے اللہ نے بچایا۔

    2000 میں آپ ایس آئی ایم کے کل ہند صدر منتخب ہوتے ہیں۔ آپ کا دور تنظیم کا دور عروج بھی ہے اور دور ابتلاء بھی۔ 2001 میں حکومت نے طلبہ تنظیم پر بلا ثبوت پابندی عائد کردی۔ تنظیم کے ذمہ داران پر فرضی مقدمات قائم کیے گئے۔ اس موقع پر شاہد بدر رحمہ اللہ ہنستے مسکراتے ہوئے خوشی خوشی جیل جاتے ہیں۔ اپنے نصب العین سے انتہا درجے کی وفاداری کی وجہ سے جیل کو بھی روشنی سے بھر دیتے ہیں۔ تہاڑ جیل میں انہوں نے کمال مہارت سے موبائل لائبریری قائم کی جو آج تک قائم ہے۔ قیدیوں کے درمیان مطالعہ کا ذوق و شوق پیدا کرکے انہیں علم کی دنیا سے جوڑ کر ان کی زندگیوں کو بامقصد بنانے کی بھرپور کوشش کی۔ جیل میں رہتے ہوئے آپ نے تنازعات کو حل کرنے کی کامیاب کوشش کی جس کا خاطر خواہ فائدہ ہوا۔ آپ کے پڑوسی گاؤں میں ایک ہی دن میں چار قتل ہوتے ہیں۔ فریقین کے متعدد افراد جیل جاتے ہیں۔ ڈاکٹر صاحب وہاں پہلے سے موجود ہوتے ہیں۔ صورت حال انتہائی خراب ہونے کے باوجود صلح و مصالحت میں کامیاب ہوتے ہیں۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ آپ سب کے محسن مانے گئے اور وفات تک اس علاقے میں متفقہ طور پر عیدین کے امام و خطیب رہے۔

    انسانی ہمدردی آپ کے اندر کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی۔چند سال پہلے پڑوسی ملک نیپال شدید زلزلے کا شکار ہوتا ہے اور بڑے پیمانے پر انسانی جان و مال کا ضیاع ہوتا ہے۔ اعظم گڑھ سے ایک ٹیم تعاون لے کر نیپال پہنچتی ہے۔ اس ٹیم کا حصہ شاہد بدر بھی ہوتے ہیں۔ وہاں پہنچ کر مالی تعاون کے علاوہ انسانوں کو اللہ سے تعلق مضبوط کرنے کی تلقین کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ اس پورے معاملے میں آپ کی ایک اہم خوبی یہ دیکھنے میں آتی کہ آپ امر بالمعروف کے ساتھ نہی عن المنکر پر بھی بھرپور توجہ دیتے جو اس وقت بہت مشکل کام بن چکا ہے۔

    تمام مشکلات اور پریشانیوں کے باوجود قانونی لڑائی کیسے لڑی جاتی ہے کوئی ڈاکٹر صاحب سے سیکھے۔ 2004 سے وفات تک ہر تاریخ پر دہلی جانا معمول تھا۔ اس لڑائی میں تین مقدمات میں وہ بری بھی ہو چکے تھے۔  اس دوران انہیں مختلف طریقوں سے پریشان بھی کیا جاتا رہا۔ ایک دفعہ گجرات پولیس غیر قانونی طور پر زبردستی اغوا کرکے لے جانا چاہتی تھی لیکن عوام و خواص کی بروقت کوشش نے اس کو ناکام بنا دیا۔

    2008اور اس کے بعد ضلع اعظم گڑھ کو دہشت گردی کی نرسری قرار دیتے ہوئے درجنوں تعلیم یافتہ نوجوانوں کی گرفتاری عمل میں آئی۔ یہ ساری گرفتاریاں اسلام اور مسلم دشمنی پر مبنی تھیں۔ ان نوجوانوں کی رہائی کے لیے عوامی بیداری کے کام کا سہرا ڈاکٹر صاحب کے سر جاتا ہے۔ ڈاکٹر صاحب کی تحریک پر شہر اعظم گڑھ میں رمضان المبارک میں بے گناہ قیدیوں کے لیے افطار پارٹیوں کا آغاز کیا گیا۔ سربراہ آوردہ قسم کے لوگوں کو راستہ ملا اور پھر اومیلا کے نام سے ایک تنظیم کا وجود عمل میں آتا ہے جو اب بھی قانونی لڑائی کے میدان میں کسی حد تک سرگرم ہے۔

    اللہ نے آپ کو تحریر کا زبردست ملکہ عطا کیا تھا۔ آپ نے دنیا بھر میں اسلام کی خاطر قید وبند کی صعوبتیں برداشت کرنے والوں کے لیے کتابیں لکھیں اور ملت کو اس مسئلہ کی جانب بھر پور توجہ دلائی۔ فکوا العانی (قیدیوں کو چھڑاؤ)، سرگزشت عافیہ، شعب ابی طالب جیسی کتابیں لکھ کر ملت کو ایک اہم فرض کی طرف توجہ دلائی۔

    عمر کے آخری سالوں میں طبیب حاذق کے طور پر مشہور ہوچکے تھے۔ طب یونانی میں خالص پریکٹس کرنے والے وہ گنے چنے افراد میں سے تھے۔ ہر طرف سے مایوس مریض ان کے ہاتھوں شفایاب ہوتے۔ بہت ساری لاعلاج بیماریوں کی دوائیں بنائیں۔ علاج میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد نسخے کو چھپا کر نہیں رکھتے بلکہ سوشل میڈیا کے ذریعے عام کردیتے تاکہ خلق خدا کو فائدہ پہنچے۔ حالانکہ وہ ان نسخوں کو اپنے تک محفوظ رکھ کر اپنی دنیا بنا سکتے تھے لیکن وہ ان سب چیزوں سے بے نیاز تھے۔

    کرونا دور کی آزمائش سے ہر فرد واقف ہوگا۔ ڈاکٹر صاحب کی رائے اس معاملے میں بالکل مختلف تھی۔ وہ اس کو نزلہ وبائیہ قرار دیتے تھے اور بعد میں حالات نے ان کی بات کو بڑی حد تک درست ثابت کردیا۔ اس دور میں آپ کے یہاں مریضوں کا تانتا بندھا رہتا تھا جب کے بڑے بڑے ڈاکٹر میدان سے غائب ہوچکے تھے۔ اس وقت ڈاکٹر صاحب کی انسانی ہمدردی دیکھنے کے لائق تھی۔ اپنے بچوں کے ساتھ رات بھر دوا سازی کا کام کرتے اور دن میں ساری دوا فروخت ہوجاتی۔ اس سے بھی بات نہیں بنی تو دوا کے اجزاء اپنے ساتھیوں کو لکھ کر دیا اور کہا کہ دوا بنا کر انسانوں تک پہنچائیں اور اسی قیمت پر پہنچائیں جو قیمت وبا سے پہلے تھی۔ مصیبت میں کسی سے ناجائز فائدہ بالکل نہیں اٹھانا ہے۔ اکیسویں صدی کے ربع اول میں طب یونانی کو زندہ کرنے والوں کا نام لیا جائے گا تو شاہد بدر کا نام سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔

    اس میدان میں وہ بہت کچھ کرنا چاہتے تھے۔ پردہ خفا میں رہ جانے والے اطباء کی حیات و خدمات پر تصنیفی کام کا پختہ عزم کرچکے تھے۔ خالص یونانی کی پریکٹس کرنے والے اطباء کا ایک گروپ وہ تقریباً بنا چکے تھے جس کے ذریعے وسیع پیمانے پر اس کے ذریعے طب یونانی کو فروغ دینا چاہتے تھے۔

    طبی دنیا میں انتہائی مصروف ہونے کے باوجود آخر تک ان کی آرزو تھی وہ علمی و فکری کاموں کے لیے اپنے آپ کو وقف کرسکیں۔ طلبہ تحریک کے عروج و زوال کی وہ سب سے اہم کڑی تھے۔ اس ضمن میں وہ تاریخی کام کرنا چاہتے تھے۔ اس کا تذکرہ وہ اکثر و بیشتر کرتے رہتے تھے۔

    ان کی نگاہ میں بھارت میں کوئی ایسی ریفرنس لائبریری نہیں تھی جہاں سارا تحریکی لٹریچر دستیاب ہو اور شوق رکھنے والے افراد وہاں جاکر ایک مدت تک قیام کرکے استفادہ کرسکیں۔ اس ضرورت کو اکثر  وہ ذکر کرتے رہتے۔ سرمائے کی کمی اس کام کے لیے سب سے بڑا چیلنج تھی۔ آخری سالوں میں ڈاکٹر صاحب کی مالی حالت کچھ بہتر ہوئی تو انہوں نے العرفان اکیڈمی کا خاکہ بنایا اور ارادہ کرلیا تھا کہ ذاتی آمدنی سے اپنے خوابوں کی العرفان اکیڈمی بناکر رہیں گے۔ اس طرح کے اور نہ جانے کتنے خواب تھے جو شرمندہ تعبیر ہونے سےرہ گئے اور وہ حق تعالیٰ کے حضور پہنچ گئے۔

    ملک کے تیزی سے بدلتے حالات کے تناظر میں آپ اس نتیجے پر پہنچے تھے کہ مسلمانوں کو اگر اپنی عزت اور وجودکو برقرار رکھنا ہے تو انہیں اپنے اندر جذبہ جہاد اور شوق شہادت کو پروان چڑھانا ہوگا۔ یہی دشمن کا علاج اور ملت کی سرخروئی کا ذریعہ ہے۔

  • عمر بھر کی بے قراری کو قرار آہی گیا

    عمر بھر کی بے قراری کو قرار آہی گیا

    فلسطین کے سابق وزیر اعظم اور حماس کے سیاسی شعبہ کے سربراہ شیخ اسماعیل ہنیّہ اپنی مراد کو پہنچ گئے۔ اللہ تعالیٰ نے انھیں شہادت کی وہ مبارک خلعت پہنا دی، جس کو زیب تن کرنے کے لیے ان کی روح بے چین رہتی تھی۔ اس وقت ہم رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ سلم کی اتباع میں کہتے ہیں:

    ‏ إِنَّ العينَ لَتَدْمَعُ وَإِنَّ القَلبَ لَيَحْزَنُ وَإِنَّا عَلَى فِرَاقِكَ

     لَمَحْزُونُونَ وَلَا نَقُولُ إِلَّا مَا يَرْضَى رَبُّنَا.

    (آنکھیں بہہ رہی ہیں، دل افسردہ ہے، ہم آپ کی جدائی سے غم زدہ ہیں، لیکن ہم کوئی ایسی بات نہیں کہیں گے جو ہمارے پروردگار کی مرضی کے خلاف ہو۔)

    ہمیں وہ وقت یاد آرہا ہے جب 2004 میں إمام الانتفاضة شیخ احمد یاسین  اور چند روز بعد اُن کے جانشین فلسطين ڈاکٹر عبدالعزيز رنتیسی کو شہید کردیا گیا تھا۔ اِس بیس سال کی مدت میں حماس کی صفِ اول کا کوئی قائد شہید نہیں کیا گیا۔ اس میں حماس کی حکمت عملی کا بھی دخل تھا اور صہیونی بے وقوفیوں کا بھی۔ البتہ یہ طے ہے کہ اس بیس سال کی مدت میں حماس کے رہنما صہیونی چال بازیوں سے نہ تو غافل رہے اور نہ انھوں نے اپنی جان بچنے کی وجہ سے چین کی سانس لی۔ وہ سب بار بار ناجائز صہیونی ریاست کے خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا عزم بھی دہراتے رہے اور شہادت کی آرزو بھی کرتے رہے۔ اس مدت میں حالات نے بہت سی کروٹیں لیں۔ اِن جیالوں کو جلاوطنی، جان لیوا حملے، اعزہ و اقربا کی شہادت اور اپنوں کی طرف سے بدگمانیوں اور تہمتوں کو برداشت کرنا پڑا۔ انھوں نے یہ ساری آزمائشیں ہنستے کھیلتے برداشت کیں، کیوں کہ ان کی نظر اپنی منزلِ مقصود پر تھی۔ یعنی شہادت، اللہ کے راستے میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنا۔ آخر کار اسماعیل ہنیہ اپنی منزلِ مراد تک پہنچ گئے۔ جگر مراد آبادی نے ایسے ہی سرفروشوں کے لیے کہا تھا:

    جان ہی دے دی جگرؔ نے آج پائے یار پر

    عمر بھر کی بے قراری کو قرار آ ہی گیا

    شیخ اسماعیل ہنیہ شہید حماس کی دوسری صف کے فرد تھے۔ امام احمد یاسین شہید، ڈاکٹر محمود زہار اور ڈاکٹر عبدالعزیز رنتیسی شہید نے آج سے 38 سال پہلے جہاد و شہادت کا جو مقدس قافلہ تیار کیا تھا، شیخ اسماعیل ہنیہ شہید اس کی دوسری صف کے سوار تھے۔ یا یوں کہیے کہ بانیوں کے بعد پہلی صف کے فرد تھے۔ اس صف کے لوگوں میں سے شیخ صلاح شحادہ شہید، شیخ یحییٰ عیاش شہید، ڈاکٹر نزار ریان شہید، شیخ سعید صیام شہید، شیخ احمد جعبری شہید مختلف اوقات میں شہید کیے جاچکے ہیں۔ الحمد للہ شیخ خالد مشعل، شیخ یحییٰ سنوار اور شیخ موسیٰ ابو مرزوق جیسے قائدین باحیات ہیں۔ 2004 میں جب حماس کے بانی اور ان کے جانشین کو ایک ماہ کے اندر شہید کردیا گیا تھا تو دشمنوں نے خوشی میں اور نادان دوستوں نے مایوسی میں یہ سمجھ لیا تھا کہ حماس ختم ہوگئی۔ قائدین ہی نہ رہے تو قافلہ کیسے رواں دواں رہے گا۔ لیکن دنیا نے دیکھا کہ قائدین کی ایک لمبی صف سامنے آگئی۔ ایک کے بعد ایک شہادت کے منصف پر فائز ہوتے رہے۔ ایک جاتا تو دوسرا اَس کی جگہ لے لیتا۔ یہ عمل بیس سال سے جاری تھا اور ان شاء اللہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ کیوں کہ موجودہ صفِ قائدین کے بعد کی صف بندی بھی ہو رہی ہے، یا ہوچکی ہے۔

    شیخ اسماعیل ہنیہ نے اس دنیا میں 63 سال گزارے۔ اس مدت میں انھوں نے اپنے مرشد و مربی امام احمد یاسین سے لے کر اپنی معصوم پوتی تک نہ جانے کتنے پیاروں کی جدائی کا صدمہ برداشت کیا۔ لیکن قربان جائیے اس عظیم قائد اور بے باک مجاہد پر کہ اتنے صدموں کے باوجود ایک لمحے کے لیے بھی قدم نہیں ڈگمگائے۔ گزشتہ سال اکتوبر میں صیہونیت کے خلاف شروع ہونے والی مبارک جدوجہد طوفان الأقصى کے ابتدائی مہینوں میں صہیونیوں نے شیخ اسماعیل ہنیہ شہید، شیخ خالد مشعل اور شیخ موسیٰ ابو مرزوق کی کردار کشی کی بھی تحریک چلائی تھی۔ اِن مبارک شخصیات کو دولت کا پجاری اور فلسطینی قوم کا سوداگر کہا گیا۔ ایسی جعلی رپورٹیں جاری کی گئیں جن میں انِ حضرات کو اَربوں کھربوں میں کھیلتے ہوئے اپنی قوم کو مرنے کے لیے چھوڑنے والا ثابت کیا گیا۔ صہیونی جو کریں کریں، افسوس کہ امت کا ایک طبقہ بھی اس صہیونی چال کا شکار ہوگیا اور اپنے اِن قائدین پر شک کرنے لگا۔ خارجی فکر کے معاصر علم برداروں میں سے کچھ نے تو اپنی تقریروں اور تحریروں کے ذریعے تشکیک کے صہیونی مشن کو اپنا مشن بنالیا۔ حد تو یہ ہے کہ رمضان المبارک میں جمعہ کے منبروں سے صہیونی میڈیا کی غلاظت اچھال اچھال کر محراب و منبر اور امت کی سماعت کو آلودہ کیا گیا۔ عید الفطر کے بعد ایک حملے میں اُن کے دو جوان بیٹے اور معصوم پوتے شہید ہوئے تو اسماعیل ہنیہ نے ناقابلِ یقین عزم و ثبات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناجائز صہیونی ریاست کے خاتمے تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔ تب کہیں جاکر صہونیت کی معاون زبانیں بند اور قلم رکے۔

    شیخ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا غم معمولی نہیں ہے۔ یہ ایک ایسا سانحہ ہے، جس کا غم تادیر بھلایا نہ جاسکے گا۔ اُن کی شخصیت میں عجب دل کشی اور دل آویزی تھی۔ وہ کبھی اپنے بزرگوں کی دست بوسی کرتے اور اُن کی خدمت کرتے دکھائی دیتے تھے تو کبھی ننھے منے بچوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے نظر آتے تھے۔ اسلامی علوم پر بھی اُن کی اچھی نظر تھی۔ الاتحاد العالمي لعلماء المسلمين اور دوسرے اداروں کے جلسوں میں وہ خالص مذہبی موضوعات پر گفتگو کرتے تھے تو قرآن و حدیث کے حوالے اُسی شان سے دیتے تھے، جو شان مذہبی علماء کے لیے خاص ہے۔ اُن کے اوپر اکثر رقت طاری ہوجاتی تھی۔ اپنے رفقاء میں نمازوں کی امامت اور جمعہ و عیدین کے خطبات کے لیے بھی انھیں ہی آگے بڑھایا جاتا تھا۔ اس روحانی چھاپ کے ساتھ ساتھ اُن کے پہلو میں شہادت کے لیے تڑپنے والا دل اور سَر میں بہترین تدابیر کرنے والا دماغ بھی تھا۔ ان سب عناصر نے مل کر انھیں کاروانِ جہاد و شہادت کا روحانی قائد بنا دیا تھا۔

    شیخ اسماعیل ہنیہ کو ایران کے دارالسلطنت تہران کے ایک ہوٹل میں شہید کیا گیا ہے۔ وہ وہاں نو منتخب ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے تشریف لے گئے تھے۔ ایران کے سپریم کمانڈر اور دوسرے قائدین سے ان کی ملاقاتیں ہوچکی تھیں۔ ابھی اس حادثے کی تفصیلات جاری نہیں ہوئی ہیں۔ حقائق کو سامنے آتے آتے وقت لگے گا۔ اس لیے کسی بھی مسلم فرقے یا ملک کے خلاف ردعمل ظاہر کرنا قبل از وقت بھی ہوگا اور نامناسب بھی۔ یاد رکھنے کی اصل بات یہ ہے کہ اللہ کے ایک محبوب بندے کی آرزو بَر آئی۔ وہ شہادت سے سرفراز ہوگیا۔ جہاد و شہادت کی تاریخ میں ایک خوب صورت صفحہ کا اضافہ کرگیا۔  ہمیں اور آپ کو یہ پیغام دے گیا کہ بدترین حالات میں بھی اپنے رب سے لَو لگائے رکھنا اور حتیٰ الامکان جدوجہد جاری رکھنا ہی کام یابی کی کلید ہے۔ امت کے نام اُنھوں نے دو تین دن پہلے ایک پیغام جاری کیا تھا۔ اس پیغام میں پوری امت سے اپیل کی گئی تھی کہ 3 اگست کو پوری دنیا میں یومِ غزہ کے طور پر منایا جائے۔ آئیے ! اُس شہیدِ جلیل کے لیے دعائے مغفرت اور ایصال ثواب کے ساتھ اُس کی مبارک زندگی کے ہر پیغام پر عمل کرنے کا عہد کریں۔

  • مولانا عطا الرحمن وجدیؒ

    مولانا عطا الرحمن وجدیؒ

    تحریک وحدت اسلامی کے سربراہ مولانا عطاء الرحمن وجدی گزشتہ 30 جون 2024 کو طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ انھوں نے دہرہ دون کے ایک اسپتال میں آخری سانس لی اور ان کی تدفین ان کے وطن سہارنپورمیں عمل میں آئی۔ جس وقت ان کا جنازہ دہرہ دون سے سہارنپور پہنچا تو ہر آنکھ اشک بار تھی۔ان کے جنازے میں سارا شہر امڈ آیا تھا۔ان کے غم میں شہر کی بیشتر دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہے۔جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ وہ ہردل عزیز شخصیت کے مالک تھے۔ان کی زندگی کے سرسری مطالعہ سے ہی اندازہ ہوتا ہے کہ انہوں نے مردمومن کی طرح زندگی بسر کی۔ پوری عمر اسلام کی سربلندی اور مسلمانوں کی سرخروئی کے لیے وقف کردی۔ شدید مصائب اور آلام کے باوجود ان کے پائے استقامت میں کوئی کمی نہیں آئی۔ اگر میں یہ کہوں تو بے جا نہیں ہوگا کہ وہ عزم وحوصلے کا کوہ گراں تھے۔ انھوں نے قید وبند کی شدید صعوبتیں برداشت کیں مگر ظالم وجابر طاقتوں کے سامنے سرنگوں نہیں کیا۔ سچائی، ایمانداری، حسن اخلاق،بلند کردارواطوار، عجز وانکساری، مروت و رواداری جیسے اوصاف ان کی شخصیت کا بنیادی حوالہ تھے۔وہ ملک وملت کو درپیش ہرمشکل گھڑی میں سینہ تان کر کھڑے رہے اور اپنی جان کی بازی لگاکر بھی اپنامقصد حاصل کرنے کی جدوجہد کی۔ ان کی پوری زندگی جہدمسلسل سے عبارت تھی اور جب تک ان کے قویٰ نے ساتھ دیا وہ محاذ پر ڈٹے رہے۔یوں تو انہوں نے ہر ملی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، لیکن میں نے انھیں بابری مسجد بازیابی تحریک کے دوران ان کے جذبہ صادق کا عینی مشاہدہ کیا۔
    ایک صحافی کے طورپر میں نے بابری مسجد بازیابی تحریک کے ہرپروگرام کی رپورٹنگ کی اور اس تحریک کے قائدین سے بہت قریب رہا۔ اسی دوران مجھے مولانا عطاالرحمن وجدی کو قریب سے دیکھنے اور سمجھنے کا موقع ملا۔وہ بابری مسجد ایکشن کمیٹی کی سہارنپور شاخ کے صدر تھے اور تحریک کے ہر احتجاجی پروگرام میں پیش پیش رہتے تھے۔ یہ پروگرام اکثر دہلی اورلکھنؤ میں منعقد ہوتے تھے۔ بابری مسجد کی بازیابی کے لیے پورے ملک میں جو تحریک منظم کی گئی تھی اس میں اس دور کے وہ تمام لوگ شریک تھے جنھیں اس ملت سے ہمدردی تھی اور جو ملی کاز کے لیے اپنا سب کچھ قربان کرنے کے جذبے سے سرشار تھے۔ ان میں کچھ سرسے کفن باندھ کر اس تحریک میں شریک ہوئے تھے۔ ان کے اخلاص اور جذبہ کو دور سے محسوس کیا جاسکتا تھا۔ مولانا وجدی ایسے ہی لوگوں میں شامل تھے جو بابری مسجد کے تقدس کی بحالی کے لیے اپنا سب کچھ قربان کرنے کے جذبہ صادق کے ساتھ اس کارواں میں شامل ہوئے تھے۔ میرا خیال ہے بابری مسجد بازیابی تحریک ہندوستانی مسلمانوں کی آخری تحریک تھی۔اب اس کے بعد نہ تو ایسے لوگ پیدا ہوں گے اور نہ ہی مسلم قیادت پر لوگوں کو ایسا اعتماد ہوگا۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ تحریک میں شامل بعض لوگ ایسے بھی تھے جو سیاسی عزائم رکھتے تھے، لیکن اس میں بیشترلوگ ایسے تھے جن کے اخلاص کی قسمیں کھائی جاسکتی ہیں۔میں مولانا عطاالرحمن وجدی کو ایسے ہی لوگوں میں شامل کرتا ہوں جو اپنی کشتیاں جلاکر اس کارواں کا حصہ بنے تھے۔ یہ الگ بات ہے کہ بابری مسجد کی بازیابی میں مسلمانوں کو کامیابی نہیں ملی لیکن جب بھی اس تحریک کی تاریخ لکھی جائے گی تو مولانا وجدی اس کا جلی عنوان ہوں گے۔
    مولانا عطاالرحمن وجدی 1938 میں اترپردیش کے مردم خیز شہر سہارنپور میں پیداہوئے۔انھوں نے سہارنپور کے مشہور اسلامیہ انٹرکالج سے اپنے تعلیمی سلسلے کا آغاز کیا، لیکن نامساعد حالات کی وجہ سے ہائی اسکول پاس کرنے سے پہلے ہی ان کا تعلیمی سلسلہ ٹوٹ گیا۔انھیں شروع سے اردوزبان، خطابت، شاعری اور اسلامی امور سے دلچسپی تھی۔اس دوران معاشی ضرورتوں کے سبب مسلم امدادی سوسائٹی میں ملازمت کا آغاز کردیا۔ شعر گوئی کا شوق پیدا ہوا تو وجدی تخلص اختیار کیا۔مولانا مودودیؒ کی تحریروں سے متاثر ہوکر 1965میں جماعت اسلامی سے وابستہ ہوگئے۔ اس دوران ان کا بیشتر وقت قرآن فہمی میں گزرنے لگا۔ قرآن کی مختلف تفسیریں مطالعہ میں رہیں۔مولانا وجدی بنیادی طورپر رقیق القلب انسان تھے۔درس قرآن میں جب قیامت کے مناظر کا ذکر آتا تو ان پر رقت طاری ہوجاتی تھی۔
    مولانا عطاالرحمن وجدی کو صحافت سے بھی خاص لگاؤ تھا۔ انھوں نے اپنی زندگی میں کئی جریدے شائع کئے۔ ان میں ’تنقیحات‘ کانام قابل ذکر ہے، جو انھوں نے 1975میں جاری کیا تھا۔یہ ایک پندرہ روزہ جریدہ تھا اور بے لاگ صحافت کی اچھی مثال تھا۔اس جریدے کے ذریعہ انھوں نے نئے قلم کاروں کی خاص حوصلہ افزائی کی۔ 1975میں ہی جب ملک میں ایمرجنسی نافذ ہوئی تو مولانا وجدی کو سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ اس دور میں تمام سیاسی اور مذہبی قائدین کی گرفتاریاں عمل میں آئی تھیں۔ خاص طورپر جماعت اسلامی سے وابستہ قائدین کو پابندسلاسل کیا گیا تھا۔مولانا وجدی کی گرفتاری کا اصل سبب جماعت سے ان کی وابستگی ہی تھی۔یہیں سے ان کی ثابت قدمی اور اولو لعزمی کا اندازہ بھی ہوا۔ جب ان کی رہائی کے لیے وکیل نے ان سے کہا کہ وہ اگر عدالت میں یہ بیان دیدیں کہ وہ جماعت کے رکن نہیں ہیں تو ان کی رہائی کا راستہ ہموار ہوسکتا ہے، لیکن انھوں نے ایسا کرنے کی بجائے عدالت میں کہا کہ ”میں کل بھی جماعت اسلامی سے وابستہ تھا، آج بھی ہوں اور کل بھی رہوں گا۔“ان کا یہ بیان سن کر غیر مسلم وکیل اتنا متاثر ہوا کہ مقدمہ لڑنے کی کوئی فیس وصول نہیں کی۔انہوں نے ایمرجنسی کے دوران اٹھارہ مہینے جیل میں گزارے۔ جیل میں ان کے ساتھ مولانا صدرالدین اصلاحی اور مولانا شفیع مونس جیسے جماعت کے رہنما بھی تھے۔جیل میں ہی ان حضرات سے عربی زبان سیکھی۔ایمرجنسی کے خاتمہ کے بعد جیل سے رہا ہوئے تو ’ایک بار پھر ’تنقیحات‘ کی اشاعت شروع کی۔مولانا وجدی نے بعض اختلافات کی وجہ سے 2000میں جماعت اسلامی سے علاحدگی اختیار کرلی اور تحریک وحدت اسلامی کے نام سے اپنی علاحدہ جماعت شروع کی۔
    اسی دوران ایک ایسا سانحہ پیش آیا جس کی وجہ سے ان کی صحت متاثر ہوئی۔ہوا یوں کہ2001میں گجرات کے شہر سورت میں آل انڈیا اقلیتی تعلیمی بورڈ نے مسلمانوں کے تعلیمی مسائل پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا جس میں مولانا بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔سیمینار کے شرکاء میں تمام اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد تھے۔گجرات سرکار نے ان تمام 127 شرکاء کو ممنوعہ تنظیم سیمی سے تعلق رکھنے کے الزام میں گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔ ایک ہی الزام میں اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی گرفتاری ایک عجیب وغریب واقعہ تھا۔مولانا وجدی بھی اسیروں کے اس کارواں میں شامل تھے۔ دوسال جیل میں رہنے کے بعد ضمانت پررہا ہوئے تو مولانا کی صحت بگڑچکی تھی لیکن حوصلے جوان تھے۔ انہوں نے اس پیرانہ سالی میں بھی دہشت گردی مخالف قانون کے تحت اپنی گرفتاری کو نہ صرف چیلنج کیا بلکہ طویل عدالتی جدوجہد کے بیس سال بعد وہ باعزت بری بھی ہوئے۔ مقدمہ کی سماعت کے دوران وہ وہیل چیئر پر سورت کی عدالت میں حاضری کے لیے جاتے تھے۔2007 میں انھوں نے ’وحدت‘ کے نام سے ایک اور جریدہ جاری کیا۔وہ اس میں ’تصریحات‘ کے عنوان سے ملی مسائل پر انتہائی جاں سوز تحریریں لکھتے تھے۔مولانا وجدی آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے بھی رکن رہے۔انہوں نے کئی تصانیف بھی بطور یادگار چھوڑیں۔ ان کی پہلی تصنیف’مولانا مودودی اور ان کے افکارونظریات‘ تھی۔موجودہ تہذیب کی خرابیوں پر ان کی تصنیف’تہذیب ووحشت‘ بھی خاصے کی چیز ہے۔ ’نقوش زنداں‘ میں انھوں نے قیدوبند کی صعوبتوں کا احوال قلم بند کیا ہے۔’ترتیب ہند کی کہانی‘اور تاریخی منظر نامہ‘ان کی دیگر تصانیف ہیں۔مولانا عطاالرحمن وجدی نے مجموعی طورپر ایک مجاہد کی زندگی بسر کی اور اپنے عہد پر اپنی شخصیت وکردار کے گہرے نقوش چھوڑے۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں دورتک اور دیرتک یادرکھا جائے گا۔

    •••

    معصوم مرادآبادی

  • موسیٰ رضا

    موسیٰ رضا

    سینئر اہل کار اور ممتازماہر تعلیم موسیٰ رضا گذشتہ 8مئی کو چنئی میں انتقال کرگئے۔ وہ کچھ عرصے سے صحت کے مسائل سے دوچارتھے اور صاحب فراش ہونے کی وجہ سے باقی دنیا سے ان کا رابطہ ٹوٹ گیا تھا۔ جس جس نے ان کے انتقال کی خبر سنی وہ غمگین ہوگیا اور سبھی نے ان کی گراں قدر قومی وملی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ موسیٰ رضا ایک ایسی ہمہ جہت شخصیت کا نام تھا جنھوں نے بامقصد زندگی گزاری اور اپنے مقصد سے ایک لمحہ کے لیے بھی غافل نہیں رہے۔ ایک بیوروکریٹ کی حیثیت سے وہ خود کو پیشہ ورانہ ذمہ داریوں تک محدود رکھ کر بھی اپنی زندگی کا سفر پورا کرسکتے تھے۔ اس طرح وہ ایک کام یاب انسان کہلاتے، لیکن انھوں نے خود کو محض اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں تک محدود نہیں رکھا بلکہ ملت کی فلاح وبہبود کے لیے اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کیا۔انھوں نے فرض شناسی، دیانت داری اورزندگی کے عظیم مقصد سے وابستگی کے ساتھ زندگی گزاری۔

    اگرموسیٰ رضا کی زندگی کا سرسری مطالعہ بھی کیا جائے تومعلوم ہوتاہے کہ وہ ایک متحرک اور مستحکم شخصیت کے مالک تھے۔انتظامی امور سے گہری واقفیت کے علاوہ انھیں تعلیمی، سماجی اور معاشی امور سے بھی گہری دل چسپی تھی۔ انھوں نے کئی تعلیمی وثقافتی اداروں کی صورت گری میں کلیدی کردار ادا کیا۔نئی دہلی کے انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کی تعمیر وتشکیل میں ان کا بنیادی کردار تھا، لیکن انھوں نے اس سے مفاد پرستی کا کوئی تعلق نہیں رکھا۔ جب انھیں یہ محسوس ہوا کہ یہ سینٹر سیاسی طالع آزماؤں کا مرکز ہوا چاہتا ہے تو انھوں نے اس سے عملی تعلق ختم کرلیا۔سرکاری ملازمت سے سبکدوشی کے بعد انھوں نے خود کو تعلیمی اور سماجی خدمت کے کاموں میں مصروف رکھا۔انھوں نے کئی اہم تعلیمی اداروں اور تنظیموں کی بنیاد ڈالی اور ملت کے تعلیمی اور معاشی امپاورمنٹ کے لیے مسلسل جدوجہدکی۔اس کے علاوہ شعر وادب سے بھی ان کا شغف قابل داد تھا۔وہ جہاں اردو میں بہترین شعر کہتے تھے تو وہیں انگریزی زبان وادب پر بھی ان کی گرفت بہت مضبوط تھی۔انھوں نے اردو اور انگریزی میں کئی کتابیں یادگار چھوڑیں۔ انھوں نے غالب کے اردو کلام کا انگریزی زبان میں بڑامعنی خیز ترجمہ کیا تھا۔ان کے انتقال پر وزیراعظم نریندرمودی سمیت کئی اہم شخصیات نے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

    موسیٰ رضا کی پیدائش 27فروری 1937 کو جنوبی ہند کی ریاست تمل ناڈو کے ولوپورم ضلع کے ایک چھوٹے سے گاؤں مینامبور میں غلام علی مہکری اور آسیہ بیگم کے ہاں ہوئی تھی۔ان کے نانا ایک کاشتکار تھے اور جنوبی ہند کے نوائتھ قبیلے سے تعلق رکھتے تھے۔موسیٰ رضا نے آٹھ سال کی عمر تک مقامی گاؤں کے اسکول میں اردو اور عربی کی تعلیم حاصل کی۔ اس کے بعد وہ اپنے والدین کے ساتھ چنئی(مدراس) منتقل ہوگئے۔ انھوں نے مدرسہ اعظم نامی ایک مقامی اسکول میں تعلیم حاصل کی اور 1955میں اس وقت سرکاری کلا کالج (موجودہ قائد ملت کالج) سے انٹر میڈیٹ تک تعلیم حاصل کی۔موسیٰ رضا نے 1958 میں مدراس پریزیڈنسی کالج، مدراس یونیورسٹی سے انگریزی زبان وادب میں اوّل پوزیشن میں گریجویشن کی سند حاصل کی۔

    موسیٰ رضا نے اپنے کیریر کا آغاز پریزیڈنسی کالج میں ہی اسسٹنٹ پروفیسر کے طورپر کیا۔جہاں وہ انگریزی ادب پڑھاتے تھے۔یہی وہ دور تھا جب انھوں نے آئی اے ایس کے امتحان کی تیاری کی۔وہ1960میں سول سروس کے امتحان میں شریک ہوئے اور پہلی ہی کوشش میں کام یابی ہوگئے اورگجرات کیڈر کے آئی اے ایس افسربنے۔ اس کے بعد انھوں نے پیچھے مڑکر نہیں دیکھا۔ اگلی تین دہائیوں تک وہ ترقی کی منازل طے کرتے رہے۔انھوں نے اپنی محنت، لگن اور سرشاری سے سول سروس کے منظرنامے پر گہری چھاپ چھوڑی۔ بطورآئی اے ایس آفیسراپنے کیریر کے دوران وہ کلیدی عہدوں پر فائز رہے، جہاں ان کی قائدانہ اور انتظامی صلاحیتوں کے راز کھلے۔انھوں نے گجرات کے کئی اضلاع میں کلکٹر اور ڈی ایم کی خدمات انجام دیں۔ اپنی بہترین صلاحیتوں کے سبب وہ گجرات کے پرنسپل سیکریٹری کے عہدے تک پہنچے۔ بعدازاں انھوں نے جموں وکشمیرکے چیف سیکریٹری کی حیثیت سے اس شورش زدہ ریاست میں اپنی انتظامی صلاحیتوں کالوہا منوایا۔

    موسیٰ رضا کی پوری زندگی عوامی خدمت اور مقصد کے لیے خودسپردگی کے ساتھ بسر ہوئی۔وہ ایک اعلیٰ فرض شناس اور ادب دوست سرکاری افسر تھے۔ان کی شخصیت میں قدرتی رعب ودبدبہ بھی تھا۔انھوں نے اعلیٰ انسانی اقدار اور اصولوں کے ساتھ زندگی گزاری اور معاشرے پر اپنی تعمیری سوچ اور شخصیت کے گہرے نقوش چھوڑے۔یہی وجہ ہے کہ ان کی غیرمعمولی خدمات کے لیے حکومت نے انھیں ’پدم بھوشن‘ کے شہری اعزاز سے سرفراز کیا تھا۔انھوں نے سرکاری ملازمت سے سبکدوشی کے بعد خود کو ملت کی تعلیمی اور سماجی زبوں حالی دور کرنے کے کاموں میں جھونک دیا۔خاص طورپر جنوبی ہند میں انھوں نے تعلیمی میدان میں بیش بہا خدمات انجام دیں۔ ساؤتھ انڈین ایجوکیشن ٹرسٹ کے چیئرمین کی حیثیت سے انھوں نے تعلیم نسواں، بہبود اطفال اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔تمل ناڈو کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے شروع ہونے والا ان کا سفر ملک کے ایک اہم بیوروکریٹ، ماہر تعلیم،سماجی خدمت گزار تک دراز ہوا۔ ایک کام یاب بیوروکریٹ اور ماہر تعلیم کے ہونے کے ساتھ ساتھ وہ ایک بہترین ادیب، شاعر اور مترجم بھی تھے۔ انھوں نے انگریزی میں اپنی سوانح بھی لکھی جو Of Nawabs and Nightingalesکے نام سے شائع ہوئی تھی۔یہ کتاب ان کے سول سروس کے ابتدائی تجربات پر مبنی ہے۔ اس کا اردو ترجمہ”بلبلیں نواب کی“کے عنوان سے کراچی میں شاہ محی الحق قادری نے کیا جو 1998میں وہیں سے شائع ہوئی۔روحانی اور ذاتی تجربات پر مبنی ان کی ایک اور کتاب کانام ”In Search of Oneness”ہے۔

    یہ بات کم ہی لوگوں کو معلوم ہے کہ وہ اردو کے بہترین شاعر بھی تھے۔2011میں چنئی سے ”خواب ناتمام“ کے عنوان سے ان کا شعری مجموعہ بھی شائع ہوا تھا، جس کا پیش لفظ اردو کے ممتازنقاد شمس الرحمن فاروقی نے لکھا تھا۔156صفحات کے اس مجموعہ کلام میں حمد، غزلیں،نظمیں، قطعات اور متفرق اشعار شامل ہیں۔ دو متفرق اشعار ملاحظہ ہوں:

    ہم اہل تذبذب پر یہ بار گراں ترہے

    اصرار بھی رکنے کا، چلنے کے تقاضے بھی

    یہ کائنات یہ کون ومکاں ہیں میرے لیے

    میرا وجود یہاں ورنہ بے سبب ہوتا

    شمس الرحمن فاروقی نے ان کے شعری مجموعہ پر لکھا ہے کہ

    ”موسیٰ رضا کے یہاں کلاسیکی پختگی، عدم الفعالیت اور ہلکے طنز کی شو خی کا نہایت عمدہ امتزاج ملتا ہے۔ ان کے طنزیہ شعور کا سب سے اچھا اظہار ان کی نظم ’بے چارہ مسلمان‘میں ہوتا ہے جس میں انھوں نے ہندوستان کے تفرقہ پسند رہ نماؤں کو باتو ں باتوں میں طنز ملیح کا نشانہ بنایا ہے۔ ایسی نظموں کو دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ موسیٰ رضا اگر شاعری کی طرف پوری توجہ دیں تو بہت اچھی طویل نظم خاص کر مثنوی کہہ سکتے ہیں۔“(’خواب ناتمام‘ص6)

    چند اشعار اور ملاحظہ ہوں:

    تم نے موسیٰ کو دیا تھا کوئی روکھا ساجواب

    لن ترانی کبھی ہم کو بھی سناؤ تو کہیں

    ایک پاپوش ہی کیا جان بھی چھوڑ آئیں گے

    طورپر ہم کو کسی روز بلاؤ تو کہیں

  • کاکا سعید احمد عمریؒ

    کاکا سعید احمد عمریؒ

    جنوبی ہند کے مشہور تعلیمی ادارے جامعہ دارالسلام عمرآباد کے معتمد عمومی جناب کاکا سعید احمد عمری کا مؤرخہ11؍ مئی2024ء میں انتقال ہوگیا۔اس طرح ملّت اسلامیہ ہند ایک مخلص داعی،بے لوث خادم اور اتحاد ملّت کے عَلَم بردار سے محروم ہوگئی۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ان کی خدمات کو شرف قبولیت عطا فرمائے اور ملّت کو ان کا نعم البدل عطا فرمائے،آمین۔

    کاکا سعید احمد کا تعلق عمر آباد کے اس خاندان سے تھا جو تعلیمی، سماجی اوررفاہی میدان میں اپنی خدمات کے لیے جانا جاتاہے۔یہ خاندان چرم کے کاروبار سے منسلک تھا۔اس کا کاروبار بیرون ملک تک پھیلا ہوا تھا۔ایک صدی قبل کاکا محمد عمر نے1924ء میں جامعہ دار السلام کی بنا ڈالی تھی۔ ان کی خدمات کے اعزاز میں اس بستی کا نام عمر آباد رکھا گیا۔ کاکا سعید احمد نے جامعہ کی ذمے داری سنبھالی تو محنت اور لگن سے اسے خوب ترقی دی، متعدد شعبے کھولے،تعلیم کا معیاری انتظام کیا،فاضل اساتذہ کی خدمات حاصل کیں اور جامعہ کے دروازے ہر مکتب و مسلک کے طلبہ کے لیے کھول دیے۔اِن دنوںجامعہ دار السلام کا وسیع کیمپس ہے۔ اعلیٰ دینی تعلیم کے علاوہ تمل میڈیم پرائمری اسکول، اردو میڈیم پرائمری اسکول،ٹکنیکل انسٹی ٹیوٹ برائے کمپیوٹر ایجوکیشن،صنعت و حرفت کی تعلیم کے لیے ایک انسٹی ٹیوٹ بھی قائم ہے۔ ایک بڑا ہاسپٹل بھی چل رہا ہے،جو عوام کی خدمت کے لیے وقف ہے اور بلا تفریق مذہب و ملّت علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ ان سب کاموں کے لیے خوب صورت اور وسیع و عریض تعمیرات کاکاسعید کے زمانے میں ہی ہوئی ہیں۔

    کاکا سعید احمد آل نڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے طویل عرصہ سے نائب صدر تھے۔ وہ بورڈ کی نشستوں میں پابندی سے شرکت کرتے اور حسب موقع اپنی آرا پیش کرتے۔ وہ خاموشی سے کام کرنے کے عادی تھے۔ ملّت کی تعمیر و ترقی کے لیے ہمہ وقت جدّوجہد کرنے والے تھے۔

    کاکا سعید صاحب کی دو خوبیاں انھیں ملّت کی سرکردہ شخصیات میں بلند مقام عطا کرتی ہیں: ایک یہ کہ انھیں دعوتِ دین کے کام سے بہت دل چسپی تھی۔ انھوں نے جامعہ میں اس کا باقاعدہ شعبہ قائم کررکھا تھا اور اس میدان میں کام کرنے والوں کی تربیت کے لیے اساتذہ مقرر کررکھے تھے۔ نو ہدایت یافتگان کی تربیت کا بھی معقول انتظام کیا تھا۔ دوسری خوبی یہ کہ وہ وحدتِ امت کے داعی اور عَلَم بردار تھے۔ وہ تمام ملّی اداروں اور دینی جماعتوں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے اور ان کی حوصلہ افزائی فرماتے تھے۔ ان کی فکر میں بڑا توسّع اور اعتدال پایا جاتا تھا۔انھوں نے جامعہ میں مسلکی توسّع اور وسیع المشربی کو فروغ دیا۔ چناں چہ وہاں ہر مسلک کے اساتذہ تدریس کی خدمت انجام دیتے تھے اور طلبہ میں بھی ہر مسلک کی نمائندی پائی جاتی تھے۔

    اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ان کی خدمات کو قبول فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے،ان کے پس ماندگان کو صبر جمیل دے اور ملّت کو ان کا نعم البدل عطا فرمائے، آمین، یا رب العالمین!