Category: امور خارجہ

  • کیا ہندوستان کی خارجہ پالیسی ناکام ہو گئی؟

    کیا ہندوستان کی خارجہ پالیسی ناکام ہو گئی؟

    اس وقت سیاسی و صحافتی حلقوں میں اس بات پر بحث ہو رہی ہے کہ کیا ہندوستان کی خارجہ پالیسی ناکام ہو گئی ہے۔ یہ کہاجارہا ہے کہ آپریشن سندور کے دوران اور اس کے بعد ہندوستان تنہا پڑ گیا ہے۔ اور یہی وجہ ہے کہ حکومت کو 32 ملکوں میں پارلیمانی وفود بھیجنے پڑ رہے ہیں تاکہ ان ملکوں کو پہلگام حملے کی تفصیلات بتائی جائیں اور یہ بھی واضح کیا جائے کہ اس کے بعد ہندوستان کی جانب سے آپریشن سندور نام کی کارروائی کیوں کرنی پڑی۔ کانگریس سمیت کئی اپوزیشن پارٹیاں کہہ رہی ہیں کہ اس وقت ہندوستان عالمی سطح پر تنہا ہو گیا ہے۔ آپریشن سندور کے دوران یا اس کے بعد کوئی بھی ملک یہاں تک کہ دوست ملک بھی اس کے ساتھ کھڑا نظر نہیں آرہا ہے۔ اس موقع پر 2014 سے لے کر اب تک کے وزیر اعظم نریندر مودی کے غیر ملکی دوروں پر بھی سوال اٹھائے جا رہے ہیں اور پوچھا جا رہا ہے کہ اتنے دورے کرنے کے باوجود کوئی بھی ملک ہندوستان کے ساتھ کیوں نہیں ہے۔ پہلے سے ہی یہ بات کہی جا رہی تھی کہ موجودہ حکومت کی خارجہ پالیسی کی ناکامی کی وجہ سے کسی بھی پڑوسی ملک سے ہندوستان کے تعلقات اچھے نہیں رہ گئے۔ یہاں تک کہ نیپال جیسے ملک کے ساتھ بھی تنازعات پیدا ہوئے۔ مالدیپ جیسے ایک بہت ہی چھوٹے ملک کے ساتھ اختلافات ہوئے اور وہاں ’’ہندوستان باہر جاؤ‘‘ کے نعرے لگائے گئے۔ بنگلہ دیش ایک واحد دوست ملک بچا تھا لیکن شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد وہ بھی دوست نہیں رہا۔

    دراصل جب 22 اپریل کو پہلگام میں دہشت گردوں نے سیاحوں پر حملہ کیا جس میں 26 افراد کی جانیں گئیں تو دنیا بھر سے ا س واردات کی مذمت کی گئی۔ بیشتر ملکوں کے سربراہوں نے ہندوستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ وزیر اعظم مودی نے متعدد سربراہان مملکت کو اس کی تفصیلات بتائیں۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کئی ملکوں کے اپنے ہم منصبوں کو بریف کیا۔ متعدد ملکوں کے وزرائے اعظم اور صدور نے وزیر اعظم مودی کو فون کرکے پہلگام حملے کی مذمت کی اور دہشت گردی کے قلع قمع کی بات کہی۔ اس وقت ایسا لگ رہا تھا کہ دنیا کے بیشتر ممالک ہندوستان کے ساتھ ہیں اور اگر اس نے پاکستان کے اندر کوئی کارروائی کی تو یہ ملک اس کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہو جائیں گے۔ ہندوستان نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف آپریشن سندور کے تحت کارروائی کی جس میں میڈیا کے مطابق ایک سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے جن میں اکثریت دہشت گردوں کی رہی۔

    اس کارروائی کے بعد پاکستان نے بھی جوابی کارروائی کی اور سات مئی سے دس مئی تک دونوں کے درمیان ہتھیاروں کا استعمال ہوتا رہا۔ اس وقت ایسا لگ رہا تھا کہ یہ اقدامات مکمل جنگ میں تبدیل ہو جائیں گے۔ امن پسند طبقات کو اس بات کا اندیشہ تھا کہ اگر جنگ ہوئی تو کہیں ایسا نہ ہو کہ جوہری ہتھیار استعمال کر لیے جائیں۔ اگر استعمال کیے گئے تو آن واحد میں کروڑوں افراد لقمہ اجل بن جائیں گے۔ لیکن اسی درمیان اچانک دس مئی کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اعلان کر دیا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی ہو گئی ہے۔ انھوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ انہوں نے دونوں کے درمیان ثالثی کی اور اب دونوں ملک کسی تیسرے غیر جانبدار ملک میں بیٹھ کر باہمی مذاکرات کریں گے۔ اس اعلان پر اندرون ملک جہاں اطمینان کا اظہار کیا گیا وہیں جنگ حامی طبقات میں مایوسی پیدا ہو گئی۔ یہ سوال بھی کیا جانے لگا کہ اگر جنگ بندی کرنی تھی تو پھر یہ کارروائی کیوں کی گئی۔ دوسرے یہ کہ ہندوستان اور پاکستان کے باہمی تنازعات کو آپسی مذاکرات سے حل کرنے کے معاہدے موجود ہیں تو پھر تیسرے ملک میں بات چیت کا کیا مطلب ہے۔ کیا اب ہندوستان کی جانب سے تیسرے ملک کی عدم مداخلت کا موقف ختم کر دیا گیا۔ یہ بھی کہا گیا کہ جنگ بندی کا اعلان کرنا تھا تو ان دونوں ملکوں کو کرنا تھا امریکہ نے کیوں اعلان کیا۔ بہت سے سوالات اٹھائے جانے لگے جس پر حکومت خاموش رہی۔ ادھر ٹرمپ کی جانب سے بیان پر بیان داغا جانے لگا۔ جس کی وجہ سے کنفیوژن کی کیفیت پیدا ہو گئی۔ بالآخر حکومت کی جانب سے اپنے موقف کا اعلان کیا گیا۔

    بہت سے مبصرین کا خیال ہے کہ وزیر اعظم مودی نے 2014 کے بعد سے اب تک 89 غیر ملکی دورے کیے جن میں وہ ایک سو سے زائد ملک میں گئے اور ہزاروں کروڑ روپیوں کا خرچ ہوا۔ تقریباً ہر ملک میں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ حکومت کی جانب سے یہ پروپیگنڈہ کیا جانے لگا کہ مودی کی کوششوں سے ہندوستان وشو گرو بن گیا ہے۔ پوری دنیا میں ڈنکا بج رہا ہے۔ لیکن اب جب کہ  ایک نازک موقع آیا تو کوئی بھی ملک ہندوستان کے ساتھ دوستانہ جذبہ دکھانے کے لیے تیار نہیں تھا۔ یہاں تک کہ روس جیسا روایتی دوست ملک بھی کھل کر اس کے ساتھ نہیں آیا۔ وزیر اعظم مودی نے عالم اسلام کے خوب دورے کیے۔ کئی اسلامی ملکوں نے ان کو اپنے یہاں کے اعلیٰ سول اعزاز سے بھی نوازا۔ لیکن اس موقع پر ان میں سے کوئی بھی ہندوستان کے ساتھ نہیں آیا۔ واضح رہے کہ پہلگام حملے کے وقت مودی سعودی عرب کے دورے پر تھے جسے مختصر کرکے وہ درمیان میں ہی واپس آگئے تھے۔ لیکن اس نے بھی ہندوستان کا ساتھ دینے کا اعلان نہیں کیا۔

    اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ دنیا کی کوئی بڑی طاقت ہندوستان کے ساتھ کھڑی نظر نہیں آرہی ہے۔ ٹرمپ کا رویہ سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے جس طرح بیان پر بیان دیا ہے اس سے ایسا تاثر ملتا ہے کہ انہوں نے نریندر مودی کی دوستی کو کوئی اہمیت نہیں دی۔ وہ تو مودی کے سامنے ہی یہ کہتے رہے ہیں کہ ہندوستان امریکی مصنوعات پر سو فیصد درآمدی ٹیکس لگاتا ہے اور ہم بھی اتنا ہی لگائیں گے۔ انہوں نے جب بھی پہلگام حملے اور آپریشن سندور کے تعلق سے کوئی بیان دیا تو ہندوستان کے ساتھ پاکستان کا بھی نام لیا۔ جس طرح حالیہ برسوں میں امریکہ سے ہندوستان کے رشتے نئی بلندیوں پر پہنچے ہیں اور پاکستان سے اس کے تعلقات خراب ہوئے ہیں اس کی روشنی میں ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ صدر ٹرمپ یکطرفہ طور پر ہندوستان کا ساتھ دیتے۔ لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا اور اب بھی نہیں کر رہے ہیں۔ یہ کہا جاتا رہا ہے کہ چار ملکوں کے گروپ کواڈ میں جس میں ہندوستان اور امریکہ کے علاوہ جاپان اور آسٹریلیا بھی شامل ہیں، ہندوستان ایک طاقتورپوزیشن میں ہے۔ لیکن کواڈ کا ایک بھی رکن ہندوستان کے ساتھ نہیں آیا۔ آسٹریلیا کے وزیر اعظم اینتھونی البانیز نے پہلگام حملے کے بعد مودی کو فون کرکے دہشت گردی کی مذمت کی لیکن جب ایکشن ہوا تو کچھ نہیں کہا۔ جاپان کے وزیر اعظم شیگیرو اِشیبا نے بھی پہلگام حملے کی مذمت کی۔ لیکن بعد میں جاپان نے ہندوستان کے خلاف پاکستانی کارروائی کی مذمت نہیں کی۔ روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے دہشت گردانہ حملے کے بعد وزیر اعظم مودی کو فون کیا اور دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کی بات کہی۔ لیکن پاکستان کے ساتھ فوجی کشیدگی کے موقع پر ہندوستان کی حمایت میں کوئی بیان نہیں دیا۔

    ادھر پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات نے پاکستان کی بھرپور حمایت کی ہے۔ ترکیہ اور آذر بائیجان نے تو کھل کر پاکستان کا ساتھ دیا۔ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوگان نے ایک بیان میں کہا کہ وہ ہر اچھے برے وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے شہباز شریف کو اپنا پیارا بھائی بتایا۔ ان دونوں ملکوں کی جانب سے پاکستان کی حمایت کرنے کی وجہ سے ہندوستان میں ان کے بائیکاٹ کی مہم چلائی جا رہی ہے۔ خاص طور پر ترکیہ کے خلاف متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس کی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جا رہا ہے۔ کئی یونیورسٹیوں نے وہاں کی یونیورسٹیوں کے ساتھ کیے جانے والے معاہدے ختم کر دیے ہیں۔ لیکن دوسری طرف کوئی بھی ملک ایسا نہیں ہے جو کھل کر ہندوستان کی حمایت میں بیان دے۔

    لہٰذا اب جب کہ  حکومت نے 32 ملکوں میں 59 ارکان پارلیمنٹ پرمشتمل وفودبھیجنے کا اعلان کیا ہے تو اپوزیشن کی جانب سے ہندوستان کی خارجہ پالیسی پر سوال اٹھایا جا رہا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ اگر ہندوستان وشو گرو بن گیا ہے تو پھر کوئی ملک اس کے ساتھ کیوں نہیں آیا اور اب حکومت کو ان ملکوں میں وفود بھیجنے کی ضرورت کیوں پڑ رہی ہے۔ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ جو ممبران پارلیمنٹ اسلامی ملکوں میں جا رہے ہیں وہ ہندوستان میں مسلمانوں کے ساتھ کیے جانے والے سلوک کے بارے میں کیا جواب دیں گے۔ واضح رہے کہ ان وفود کے جانے سے قبل ہی مدھیہ پردیش کے ایک وزیر وجے شاہ کی جانب سے کرنل صوفیہ قریشی کی توہین و تذلیل کی گئی جس پر عدالتوں نے بہت سخت رخ اختیار کیا ہے۔ تاہم ابھی تک ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے۔ جب کہ  ایک بے ضرر بیان پر اشوکا یونیورسٹی کے پروفیسر علی خان محمود آباد کو گرفتار کر لیا گیا جنھیں اب سپریم کورٹ نے عبوری ضمانت دے دی ہے۔ علی خان محمود آباد کا معاملہ عالمی میڈیا میں چھایا ہوا ہے۔ مبصرین کہتے ہیں اسلامی ملکوں میں جانے والے ارکان مسلمانوں کے سلسلے میں کیے جانے والے سوالوں کا کیا جواب دیں گے۔ بہرحال ہم یہاں کوئی نتیجہ اخذ نہیں کر رہے ہیں کہ ہندوستان کی خارجہ پالیسی کامیاب ہے یا ناکام۔ ہم نے تمام حقائق قارئین کے سامنے رکھ دیے ہیں۔ وہ خود فیصلہ کریں کہ خارجہ پالیسی کہاں کھڑی ہے۔

  • ہند-افغانستان تعلقات:کیا برف پگھل رہی ہے؟

    ہند-افغانستان تعلقات:کیا برف پگھل رہی ہے؟

    جنوری میں ہندوستان کے خارجہ سکریٹری وکرم مسری اور افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی کی دبئی میں ملاقات کے بعد دونوں ممالک میں مزید قربت دیکھنے کو مل رہی ہے۔ ایسا محسوس ہورہا ہے کہ سال 2021 میں امریکہ اور ناٹو افواج کے افغانستان سے انخلاء کے بعد نئی دہلی کی افغانستان کے نئے حکمرانوں سے رشتے بنانے میں سردمہری میں اب کچھ کمی آرہی ہے۔ واضح رہے کہ افغانستان میں موجود طالبان حکومت کو ساڑھے تین سال گذرجانے کے بعد بھی دنیا کے کسی ملک نے باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا ہے اور ہندوستان بھی اسی صف میں شامل ہے۔ لیکن دسمبر 2023میں چین میں افغان سفارت خانہ میں طالبان کے تعینات کردہ سفیر نے چارج سنبھال لیا ۔ اور اس کے بعد یہ سلسلہ چل پڑا۔ ایک رپورٹ کے مطابق ستمبر2024 تک پوری دنیا میں طالبان کے پاس افغانستان کے 39 سفارت خانوں اور قونصلیٹ   کا کنٹرول تھا۔ اہم ممالک میں چین کے علاوہ روس، ایران، ترکی، قطر، ازبیکستان اور یو اے ای شامل ہیں۔ خبروں کے مطابق ایسا ہی کچھ ہندوستان میں بھی ہونے جارہا ہے۔ یعنی افغانستان کے نئے سفیر کی نئی دہلی میں تعیناتی جس کاتقرر طالبان کریں گے۔ بین الاقوامی خبررساں ادارہ بلومبرگ کی خبر کے مطابق ہندوستان نے نئے سفیر کی تعیناتی کے لیے ہامی بھر لی ہے لیکن نئی دہلی میں واقع افغانستان کے سفارت خانہ پر افغانستان کا پرانا جھنڈا ہی لگا رہے  گا اور اس کاسرکاری نام بھی وہی باقی رہے گا۔ واضح رہے کہ طالبان نے حکومت کا سرکاری نام امارت اسلامیہ افغانستان کردیا ہے۔

    نئی دہلی میں واقع افغان سفارت خانہ گزشتہ ایک سال کے زائد عرصہ سے غیر فعال ہے کیوں کہ سابق سفیرفرید ماموندزی ہندوستان چھوڑ کر کسی دوسرے ملک چلے گئے۔ انہوں نے الزام لگایا تھا کہ سفارت خانہ چلانے کے لیے ہندوستان کی وزارت خارجہ تعاون نہیں کررہی ہے اور فنڈ کی بھی قلت ہے۔ سفارت کاری کے تھوڑے بہت کام ممبئی اور حیدرآباد میں واقع قونصلیٹ سے ہور ہے تھے۔ ممبئی قونصلیٹ میں بھی نومبر 2024 میں طالبان کے ذریعہ منظور شدہ ڈاکٹر حافظ اکرام الدین کامل کو بحیثیت قونصل جنرل تعینات کیا گیا ہے۔اس سلسلہ کی تازہ کڑی دونوں ممالک کے  تہران میں واقع سفراء کی ملاقات ہے، جس میں انہوں نے باہمی امور اور تعاون پر تفصیلی بات چیت کی۔

    جنوری میں  افغانستان کے وزیر خارجہ اور ہندوستان کے خارجہ سکریٹری کی دبئی میں ملاقات کو اس سلسلے کا اہم سنگ میل سمجھا جارہا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان اب تک کی یہ سب سے اہم اور قابل ذکر پیش رفت ہے۔ ہندوستان کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان صحت، افغان پناہ گزینوں پکی امداد اورکاروبار کو فروغ دینے کے سلسلے میں بات چیت ہوئی ہے۔ کئی ترقیاتی منصوبے جو پچھلے تین سالوں سے بند ہیں، ہندوستان ان کو دوبارہ شروع کرنے پر غور کررہا ہے۔ دوسری طرف افغانستان کی وزارت خارجہ نے دبئی کی اس اعلیٰ سطحی ملاقات کے بارے میں کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان  ترقیاتی منصوبوں کو دوبارہ شروع کرنے، انسانی امداد فراہم کرنے اور ایران میں واقع چاہ بہار بندرگاہ کے ذریعہ تجارت کو فروغ دینے کے بار میں بات چیت ہوئی ہے۔ اس سے قبل نومبر 2024میں وزارت خارجہ کے جوائنٹ سکریٹری جیتندر پال سنگھ کی قیادت میں ایک وفد کابل کا دورہ کرچکا ہے۔ اس دورہ میں وفد نے افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی کے  علاوہ وزیر دفاع ملّا محمد یعقوب اور سابق صدر حامد کرزئی سے بھی ملاقات کی تھی۔ کابل میں واقع ہندوستانی سفارت خانہ بھی کچھ محدود اسٹاف کے ساتھ کام کررہاہے۔

    کابل میں حکومت کی تبدیلی کے بعد ہندوستان پھونک پھونک کرقدم رکھ رہا رہے۔ شروع میں ہندوستان کے سفارت کاروں اور پالیسی سازوں میں گومگوکی کیفیت بہت زیادہ تھی۔ ان کو آگے کنواں اور پیچھے کھائی دکھائی دیتی تھی۔ ایک خیال یہ تھا کہ طالبان سے کسی بھی قسم کا رشتہ رکھنا ان کو شہہ دینے کے مترادف ہے۔ ان کے ماضی کو دیکھتے ہوئے، ان سےکسی بھی قسم کی شراکت صحیح نہیں سمجھی جاتی تھی۔ واضح رہے کہ نوے کی دہائی میں طالبان کی حکومت کے مخالفین میں ہندوستان پیش پیش تھا اور 1999 میں ہندوستانی طیارہ کے اغوا ہونے کے بعد یہ مخالفت اور شدت اختیار کرگئی تھی۔ دوسرا خیال یہ تھا کہ ہندوستان کو دانشمندی اورعملیت پسندی  کا ثبوت دینا چاہیے اور اپنے ملکی مفادکوسامنے رکھ کر فیصلے کرنے چاہیے۔ بعض تجزیہ نگاروں کا بڑی شد ومد کے ساتھ یہ خیال تھا کہ افغانستان کے نئے حکمرانوں سے کوئی تعلق نہ رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ ہم ان کو پوری طرح پاکستان کے حوالے کردیں۔ پھر یہ ہوگا کہ ہندوستان کے بارے میں رائے قائم کرنے میں پاکستان ہی ان کا رہنما ہوگا۔ ظاہر ہے ہندوستان کے لیے یہ گھاٹے کا سودا تھا۔ لیکن اس وقت مشکل یہ تھی کہ پاکستان میں عمران خان کی حکومت تھی ۔ کہا جاتا ہے کہ طالبان اور عمران خان میں کافی قربت تھی۔ لیکن یہ سلسلہ ایک سال بھی نہیں چل سکا ۔یعنی ایک سال کے اندر اند ر ہی عمران خان کی حکومت چلی گئی اوراس کے بعد سے ہی پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے سے برسر پیکار ہیں۔ پاکستان کا الزام ہے کہ پاکستان میں پے درپے ہورہے دہشت گردانہ حملوں میں تحریک طالبان پاکستان کا ہاتھ ہے،جسے افغانستان میں پناہ حاصل ہے۔ طالبان اس  الزام کا انکار کرتے رہے ہیں۔ متعدد  اعلیٰ سطحی ملاقاتوں اور دوروں کے بعد بھی یہ مسئلہ ہنوز حل طلب ہے۔ اس  کےعلاوہ سرحد اور ڈیورانڈ لائن کا تنازعہ پھر سے زور پکڑنے لگا اور اب تک متعدد بار دونوں ممالک کی فوجوں میں جھڑپیں ہوچکی ہیں جس میں فوجیوں اور عوام کی ہلاکت کی بھی خبریں ہیں۔ پاکستان نے سخت سردی کے موسم میں لاکھوں افغان مہاجرین کو ملک بدر کرنے کافرمان بھی جاری کردیا اور اس سے رشتوں میں اور تلخی آگئی۔ دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کے نام پر پاکستانی فوج نے افغان سرحد کے اندر آپریشن کیا، جس نے جلتی پر تیل کا کام کیا۔ ایسا ہی ایک آپریشن چند ماہ قبل جنوری میں ہوا جس کی ہندوستان نے بھی مذمت کی اور اس کے چند دن بعد افغان وزیر خارجہ کی ہندوستانی خارجہ سکریٹری سے دبئی میں ملاقات ہوئی۔

    چین

    حالیہ ہند-افغانستان تعلقات میں ایک دوسرا اہم عنصر چین ہے۔ چین پہلا ملک ہے جس نے 2021 کے بعد طالبان کے تقرر کردہ سفیر کو بیجنگ میں واقع افغانستان سفارت خانے میں قبول کیا۔ ہندوستان اور چین کے رشتے کئی دہائیوں سے مخاصمانہ  ہیں ۔ ہندوستان اپنے پڑوسی ممالک میں چین کے بڑھتے عمل دخل کو شک وشبہے کی نظر سے دیکھتا رہا ہے۔ واقعہ یہ ہے کہ چین ایسا واحد ملک ہے جس سے فی الحال افغانستان کے تعلقات کافی مضبوط ہیں۔ چین اپنے عظیم ترقیاتی منصوبہ بیلٹ اینڈروڈ انیشیٹیو میں افغانستان کو شامل کرنا چاہ رہا ہے جس کی افغانستان نے بھی ہامی بھرلی ہے۔ افغانستان کی سرزمین معدنی ذخائر سے مالا مال ہے۔ چین کی خواہش ہے کہ ان ذخائر کو نکالنے اور ان کو قابل استعمال بنانے کا کام اسے مل جائے۔ گزشتہ دوسال میں اس بابت دونوں ممالک کے درمیان متعددسمجھوتے بھی ہوئے ہیں۔ چین اور افغانستان کی سرحدیں بھی ملتی ہیں۔ چین  کے صوبہ شنچیانگ  سے افغانستان کے صوبہ بدخشان تک زمینی راستہ بھی موجود ہے۔ شنچیانگ میں حکومت مخالف سرگرمیوں کے حوالے سے چینی حکومت کو کافی تشویش رہی ہے۔ حکومت مخالف گروپوں کے ماضی میں افغانستان میں پناہ اور تربیت لینے کے الزامات بھی سامنے آتے رہے ہیں ۔ افغانستان سے امریکہ اور ناٹو کے انخلاء کے بعد چین نے پوری کوشش کی کہ وہ افغانستان میں اپنا اثر ورسوخ قائم بڑھائے جو کہ اس کے لئےاقتصادی اور اسٹریجک تناظر میں بہت اہم ہے۔ لہذا چین پوری کوشش اور تندہی سے افغانستان میں اپنے پیر جمانے میں مصروف ہے اور یہ ہندوستان کے لیے ایک درد سر ہے۔

    بھارت کی افغانستان میں سرمایہ کاری اور ترقیاتی پروجکٹ:

    سال 2001 میں افغانستان پر امریکی حملہ اور طالبان کی حکومت کے خاتمہ کے بعد سے ہندوستان افغانستان کے مختلف ترقیاتی منصوبوں میں شامل رہا ہے۔ بیس سال کے اس عرصہ میں ہندوستان نے  امدادی اور ترقیاتی کاموں میں تین بلین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی ہے اور 500 سے زائد ترقیاتی پروجکٹ مکمل کیے ہیں۔ اہم ترقیاتی منصوبوں میں سلمیٰ ڈیم، افغان پارلیمنٹ بلڈنگ کے علاوہ توانائی، پانی کی فراہمی، سڑکوں کی تعمیر، صحت، تعلیم، زراعت اور استعدادِ کار میں اضافے جیسے اہم شعبے شامل ہیں۔

    افغانستان بھارت کا اہم تجارتی شراکت دار رہا ہے۔ طالبان کی حکومت بننےکے بعد اس میں کچھ رکاوٹ آئی ہے لیکن اب پھر تجارتی حجم بڑھ رہا ہے۔ سال 2023-24میں دونوں ممالک کے درمیان  650 ملین ڈالر کی تجارت ہوئی ہے جس میں  ہندوستان نے افغانستا ن کو برآمد کی بہ نسبت زیادہ سامان درآمد کیا ہے۔ سال 2019-20 میں یہ تجارت تقریبا ایک بلین ڈالر تھی۔

    اس کے علاوہ 15ہزارسے زائد افغانی ہندوستان میں بحیثیت پناہ گزیں مقیم ہیں۔ بیس سالوں میں ہزاروں افغانی طلبہ وطالبات حکومت ہند کی اسکالرشپ پر یہاں تعلیم حاصل کرچکے ہیں۔ 2021 سے قبل افغانی مریضوں کی ایک بڑی تعداد دہلی، ممبئی، بنگلور وغیرہ کا علاج کے لیے رخ کرتی رہی ہے، جو اب ویزا میں ہورہی دشواریوں کی وجہ سے تعطل کا شکار ہے۔

    دسمبر 2023 میں پارلیمنٹ میں ایک سوال کے تحریر ی جواب میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بتایا کہ کابل میں ہندوستانی سفارتخانے کے اہلکار طالبان کے قبضے کے بعد ہندوستان واپس آگئے تھے،  تاہم جون 2022 سے ایک ہندوستانی تکنیکی ٹیم کابل کے سفارت خانے میں تعینات ہے، جو انسانی امداد اور دیگر امور میں سرگرم عمل ہے۔

    ہندوستان نے انسانی بنیادوں پر افغانستان کو 50 ہزار میٹرک ٹن 250 ٹن طبی امداد اور 28 ٹن زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان بھیجا ہے۔ ہندوستان نے افغانستان میں اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم (UNODC) کے ساتھ شراکت داری کرکے، منشیات کے عادی افراد، خصوصاً خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے امداد فراہم کی ہے، جس میں  2022 سے اب تک گیارہ ہزار یونٹس پر مشتمل حفظانِ صحت کے کٹس، بچوں کی غذائی اشیا، کمبل، لباس، طبی امداد اور دیگر سامان کابل میں UNODC کو فراہم کیا ہے۔

    وزیر موصوف نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ افغان طلبہ کے لیے انڈین کونسل فار کلچرل ریلیشنز (ICCR) نے اسکالرشپ اسکیم جاری رکھی ہے۔ اگست 2021 کے بعد سے، ICCR نے 3000 سے زائد افغان طلبہ، بشمول 600 افغان طالبات، کو داخلہ دیا ہے۔ افغانستان میں مقیم طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کے مواقع کو مزید قابلِ رسائی بنانے کے لیے، ICCR نے اس تعلیمی سال میں ای-ودیا بھارتی پورٹل کے ذریعے 1000 افغان طلبہ کے لیے ہندوستانی یونیورسٹیوں میں آن لائن اسکالرشپ اسکیم بھی متعارف کرائی، جس کے تحت 30 فیصد داخلے طالبات کو دیے گئے۔ علاوہ ازیں، بھارت نے افغان نیشنل ایگریکلچرل سائنس اینڈ ٹیکنیکل یونیورسٹی (ANASTU) کے ساتھ اپنی شراکت کو برقرار رکھتے ہوئے زرعی تعلیم کے شعبے میں افغان طلبہ کے لیے آن لائن اسکالرشپ کی پیشکش جاری رکھی ہے۔ ہندوستان میں افغانستان کے سفارتی مشن اور ممبئی و حیدرآباد میں افغان قونصل خانے بدستور فعال ہیں۔ گزشتہ دو سالوں کے دوران کچھ افغان سفارت کار تیسرے ممالک میں رہائشی اجازت نامہ حاصل کر کے ہندوستان سے جا چکے ہیں، تاہم ہندوستان میں مقیم افغان سفارت کار افغانستان کے سفارتی امور کی ذمہ داری سنبھالے ہوئے ہیں۔

    سیکورٹی سے متعلق خدشات:

    افغانستان میں طالبان کی واپسی سے ہندوستان سمیت کئی ممالک کو ملکی سیکورٹی کے حوالے سے بھی خدشات لاحق ہیں۔ ان سالوں میں طالبان نے متعدد بار یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔ اور ان چند سالوں میں بھی پاکستان کے علاوہ  کسی اور ملک نے افغانستان پر کوئی الزام عائد نہیں کیا ہے۔ سیکورٹی کے حوالہ سے ایک دوسرا چیلنج افغانستان میں اسلامک اسٹیٹ  کی موجودگی ہے۔ اسلامک اسٹیٹ کی خراسان شاخ نے گزشتہ چند سالوں میں افغانستان میں متعدد دھماکوں  کی ذمہ داری قبول کی ہے جس میں کئی سینئر حکومتی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔

    واقعہ یہ ہے کہ افغانستان  اور بھارت کے درمیان تعلقات  کی نوعیت بہت نازک ہے۔ نازک اس لیے کہ ہندوستان  گوناگوں وجوہات کی بنا پر کھل کر نہ تو اس سے مضبوط رشتہ استوار کر پارہا ہے اور نہ ہی خود کو اس سے الگ کرسکتا ہے۔ نئی دہلی میں بیٹھے پالیسی ساز اور سیاست داں اسی گومگو کی کیفیت سے دوچار ہیں۔ البتہ دوسرے ممالک کی دیکھا دیکھی اور پاکستان سےا فغانستا ن کے کشیدہ تعلقات کی وجہ سے بھارت کی سرد مہری کچھ کم ضرور ہوئی ہے ۔ اب ہندوستان کو تعلقات کی استواری اور استحکام پر توجہ دینی چاہیے۔ اسی صورت میں وہ اپنے ملکی مفادات کا تحفظ بھی کرسکتا ہے اور یہ اپنے ملک اور افغان عوام دونوں کے لیے مفید بھی ہوسکتاہے۔

  • مدارس کے نصاب میں تبدیلی کا مسئلہ

    مدارس کے نصاب میں تبدیلی کا مسئلہ

    مدراس کے نصاب میں تبدیلیاں ہوتی رہی ہیں، مگر یہ سب جزوی تبدیلیاں ہی تھیں۔ پھر جب منتظمین کو اور خود فارغین مدارس کو بھی اس بات کا احساس ہوا کہ عالمیت و فضیلت کے بعد بھی بعض ایسے پہلوؤں میں ناپختگی رہ جاتی ہے جو جدید دنیا میں دعوت و تبلیغ کے تقاضے پورے کرنے کے لیے ضروری ہیں تو فارغین مدارس کے لیے عصری اداروں میں اعلیٰ تعلیم کی راہیں کھولی گئیں۔

    چنانچہ طلبہ  مدارس عالمیت و فضیلت سے فراغت کے بعد اندرون ملک مختلف یونیورسٹیوں کا رخ کرتے ہیں اور بیرون ممالک جامعہ ازہر اور ام القری جیسے اداروں میں تعلیم حاصل کرنے جاتے ہیں۔ ایک بڑی تعداد ان لوگوں کی بھی ہوتی ہے جو پروفیشنل کورسز کرتے ہیں۔ خود فارغین مدارس کی طرف سے ایسے ادارے بھی چلائے جا رہے ہیں جو مدارس کے طلبہ  کو فراغت کے بعد کمپیوٹر اور انگریزی زبان میں مہارتیں  پیدا کراتے ہیں۔ اس طرح دیکھا جائے تو فارغین مدارس کے لیے بہت سی راہیں کھلی ہوتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ فارغین مدارس تقریباً ہر شعبے میں نظر آتے ہیں اور دنیا کے ہر خطے میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

    مگر یہ بھی اپنی جگہ حقیقت ہے کہ اس معاملے میں جو کچھ بھی پیش رفت ہوئی ہے اور جو کچھ بھی اضافی کوششیں کی گئی ہیں وہ زیادہ تر عالم وفاضل طلبہ  کے لیے ہی ہوئی ہیں۔ ان کے لیے مختلف قسم کے کورسز ہیں، ان کے لیے وظائف بھی مقرر کیے گئے ہیں، مگر ابتدائی درجات ابھی تک بھی انتظامیہ کی بے توجہی کا شکار ہیں، حالانکہ ابتدائی درجات کی تعلیم پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے، اور یہ ضرورت آج مزید بڑھ گئی ہے۔ آج زیادہ ضروری چیز یہ ہے کہ دینیات کی ابتدائی تعلیم دینے والے مدارس و مکاتب کے نظام کو زیادہ فعال اور متحرک بنایا جائے، کیونکہ ابتدائی درجات کی تعلیم دینے والے مدارس و مکاتب ہی طلبہ  کو اس لائق بناتے ہیں کہ وہ عالم وفاضل بن سکیں۔

    بڑے مدارس کو طلبہ  کی مدد کہاں سے ملتی ہے؟

    بڑے مدارس کی طرف جو طلبہ  سال بہ سال رخ کرتے ہیں، ان میں سے زیادہ تر اپنے علاقائی مکاتب اور مدارس سے ہی آتے ہیں۔ تبلیغی جماعت کا پس منظر رکھنے والے بھی کئی طلبہ  مدارس میں آتے ہیں۔ اگر ابتدائی تعلیم فراہم کرنے والے مدارس و مکاتب نہ ہوں تو بڑے مدارس جیسے ندوہ، دیوبند، مظاہرالعلوم، سلفیہ، اشرفیہ اور فلاح و اصلاح کو اتنے طلبہ  نہیں مل سکیں گے جتنے انہیں فی الوقت مل رہے ہیں، جو کہ انہیں ہر سال بہت سے طلبہ  کو واپس کرنا پڑتا ہے۔

    لیکن ابتدائی تعلیم دینے والے مدارس و مکاتب کا حال یہ ہے کہ ان میں سال کی ابتداء میں اگر 100 بچے داخل ہوتے ہیں تو سال کے آخر تک نصف ہی رہ جاتے ہیں، بلکہ نصف سے بھی کم رہ جاتے ہیں۔ یعنی 60 سے 70 فیصد بچے درمیان ہی میں تعلیم چھوڑ دیتے ہیں، یا تو اسکول کی لائن پکڑ لیتے ہیں یا پھر تعلیم ہی منقطع کر دیتے ہیں۔

    تعلیم منقطع کرنے کی عام وجوہات:

    1۔ سب سے پہلی بات یہ ہے کہ مدارس میں زیر تعلیم طلبہ  کے والدین ان کے معاملے میں زیادہ حساس اور سنجیدہ نہیں ہوتے۔ ان کے سرپرستوں میں زیادہ تر کاشتکار، مزدور، اور چھوٹے کاروباری ہوتے ہیں، اور ان میں سے بیشتر تعلیم کے میدان کی زیادہ واقفیت نہیں رکھتے۔ جب واقفیت نہیں ہوتی تو وہ ان کی صحیح رہنمائی بھی نہیں کر پاتے۔ ان میں سے زیادہ تر سرپرستوں کو یہ نہیں پتہ ہوتا کہ ان کے بچے کیا پڑھ رہے ہیں اور کیسے پڑھ رہے ہیں۔

    اس کے برعکس، جو طلبہ  علمی گھرانوں سے آتے ہیں، وہ اگر کم محنت بھی کریں اور معمولی ذہانتیں رکھتے ہوں تو وہ تعلیم کے اگلے مراحل میں یا پھر تعلیم کے بعد والے مراحل میں زیادہ کامیاب ہو جاتے ہیں، کیونکہ ان کے والد، چچا، اور بھائی وغیرہ ان کی خبرگیری کرتے رہتے ہیں، قدم قدم پر ان کی رہنمائی کرتے ہیں، اور انہیں پتہ ہوتا ہے کہ ان کے بچے کا اگلا قدم کیا ہونا چاہیے۔ ان کی مسلسل نگرانی اور توجہ وسائل کی کمی کی بھی بھرپائی کر دیتی ہے۔

    2۔ سات آٹھ سال کی چھوٹی عمر کے بچے گھر بار اور والدین سے دور مدرسے کے سخت ماحول میں نہیں رہ پاتے۔ان چھوٹے بچوں کو اساتذہ اور منتظمین کی طرف سے سختیوں کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ کئی بار تو سختی کرنا انتظامیہ اوراساتذہ کی مجبوری بن جاتی ہے کیونکہ بچے شرارتیں ہی کچھ ایسی کرتے ہیں کہ اساتذہ کا صبر جواب دے جاتا ہے۔

    3۔ طلبہ  کے والدین ،سرپرست اور خود اہل مدرسہ انہیں زیادہ سہولتیں فراہم نہیں کرپاتے ،اس لیے وہ تعلیم منقطع کردیتے ہیں۔اگر آپ اپنے علاقے کے چھوٹے مدارس کا دورہ کریں تو آپ کو معلوم ہوگا کہ ان میں سے بہت سے طلبہ  ایسے بھی ہوتے ہیں کہ انہیں روز مرہ کی ضروریات کی چیزیں بھی میسر نہیں ہوتیں۔

    4۔ شاید سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ ان طلبہ میں سے زیادہ ترایسے ماحول سے آتے ہیں جہاں ان کی ابتدائی تعلیم وتربیت پر بالکل بھی توجہ نہیں دی گئی ہوتی ہے، پھر جب ان کے سامنے ایسی کتابیں آتی ہیں جو انہوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھی تھیں تووہ ماہ دو ماہ تو کوشش کرتے ہیں کہ وہ کتابیں کسی طرح ان کی گرفت میں آجائیں مگر جب کتابیں کسی طرح بھی ان کی گرفت میں نہیں آتیں تو وہ مدرسے سے بھاگ کھڑے ہوتے ہیں۔اسی طرح حفظ کے طلبہ  سبق اور آموختہ یاد نہ ہونے کی وجہ سے حافظ صاحب کی باربار مارکھاتے ہیں اور بالآخر تنگ آکر مدرسے سے بھاگ جاتے ہیں۔ بے شک حفظ کرنا آسان نہیں ہے اور یہ ہر طالب علم کے بس کی بات بھی نہیں ہے۔

    حفظ کے طلبہ  عموماً آٹھ سے دس سال کی عمر میں حفظ کرنے بیٹھتے ہیں اور دو ڈھائی سال سے تین چار سال کے عرصے میں حفظ کرلیتے ہیں، جبکہ بعض طلبہ  ایسے بھی ہوتے ہیں جو بہت زیادہ عمر کے ہوتے ہیں، تاخیر کے ساتھ حفظ میں بیٹھنے کی وجہ سے یا پھر باربار مدرسے تبدیل کرنے کی وجہ سے یا قوت حافظہ کی کمزوری کی وجہ سے وہ کئی کئی سال درجۂ حفظ ہی میں نکال دیتے ہیں۔ میں نے جس مدرسے میں حفظ کیا تھا اس میں دسیوں بچے ایسے تھے جن کی عمر بیس سال سے متجاوز تھی۔ ان میں کئی طلبہ  نے تو پانچ پانچ اور چھے چھے سال لگادیے اور پھر بھی ان کا حفظ پختہ نہیں ہوپایا۔ پھر اس دور میں جو بچے حفظ کرتے تھے وہ صرف حفظ ہی کرتے تھے، ایک گھنٹہ بھی ان کے لیے ایسا نہیں ہوتا جس میں وہ اردو ہندی اورانگریزی وغیرہ سیکھتے ہوں یا کم ازکم دینیات کا ہی سبق لیتے ہوں، سارا وقت حفظ کے لیے وقف ہوتا تھا۔ مگر آج کل اس میں کچھ تبدیلی آئی ہے اور حفظ کے طلبہ  بھی گھنٹے دو گھنٹے کے لیے دینیات کی تعلیم بھی لیتے ہیں اور ہندی وانگلش وغیرہ بھی سیکھتے ہیں اور یہ ہر طرح سے اچھی بات ہے۔

    میرے حفظ کے جو ساتھی تھے وہ بھی میری ہی طرح کسانوں کی اولاد تھے اور گاؤں دیہات کے غریب گھرانوں سے ان کا تعلق تھا، ان میں سے تقریبا اسّی فیصد طلبہ  عمرزیادہ ہونے کی وجہ سے، گھر کی مجبوریوں کی وجہ سے یا پھرآگے پڑھنے کا مزاج نہ بننے کی وجہ سے حفظ کے بعد عربی کلاسوں میں نہیں بیٹھ سکے اور اپنے اپنے گھروں کو لوٹ گئے۔اور اس حال میں لوٹے کہ وہ اٹھارہ بیس سال کی عمر کو پہنچ چکےتھے اور ان کے پاس کوئی ڈگری نہیں تھی، نہ آٹھویں کلاس کی اور نہ دسویں کلاس کی۔اس لیے وہ اوپن اسکولنگ سسٹم سے بھی نہیں جڑ سکے۔

    اگر یہ سب پہلو آپ کی نظر میں ہیں تو آپ یہ احساس کیے بغیر نہیں رہیں گے کہ حفظ پلس کے جو ادارے ’’شاہین گروپ‘‘وغیرہ کام کررہے ہیں وہ بہت غنیمت ہیں۔ اب یہ الگ بات ہے کہ ان اداروں سے بھی وہی بچے فائدہ اٹھاسکتے ہیں جنہوں نے کم عمر میں حفظ مکمل کرلیا ہو اور ان کے سرپرست ان کی مزید تعلیم کے بھاری اخراجات برداشت کرسکتے ہوں۔ غریب طلبہ  اکا دکا مثالوں کو اگر منہا کردیں تو ان میں سے زیادہ تر حفظ پلس کورس سے بھی فائدہ نہیں اٹھاسکتے۔

    مدارس کی مشکلات:

    ایسا نہیں ہے کہ مجھے مدارس کی مشکلات کا علم نہیں ہے۔ اگر بڑے مدارس کو منہا کردیں تو ملک میں پھیلے ہوئے بیشتر چھوٹے چھوٹے مدارس دونوں طرح کی مشکلات سے گزرتے ہیں، مالیاتی مشکلات سے بھی اور طلبہ  کی مطلوبہ تعداد نہ ملنے کی مشکلات سے بھی۔ یہ مدارس طلبہ  سے اسکولوں کی طرح بھاری فیس بھی نہیں لے سکتے کیونکہ اگر وہ فیس دے سکتے تو ان کے والدین انہیں اسکول ہی بھیجتے، مدرسے میں داخل نہیں کرتے، اس لیے یہ مدارس ہمیشہ مالی مشکلات سے گِھرے رہتے ہیں اور انہی مشکلات کی وجہ سے منتظمین خود اپنے مدرسے اور طلبہ  کے روشن مستقبل کے لیے کوئی بہت ٹھوس پیش بندی اور منصوبہ بندی کرنے سے بھی عاجز رہتے ہیں۔

    مدارس کا معاملہ کالجوں و یونیورسٹیوں کی طرح نہیں ہے جہاں دس دس سیٹوں کے لیے دس دس ہزار طلبہ  داخلہ امتحان میں بیٹھتے ہیں اور یونیورسٹیاں اربوں روپے کی کمائی صرف ایک جھٹکے میں ہی کرلیتی ہیں۔ پھر انہیں حکومت سے جو گرانٹس ملتی ہیں وہ الگ ہیں اور پھر آمدنی کے دوسرے ذرائع بھی ہوتے ہیں ان کے پاس۔اس لیے یہ کہنا بجا ہے کہ جودانشورحضرات یونیورسٹیوں سے وابستہ ہیں وہ کسی بھی قیمت پر اہل مدارس کے لیے صحیح اور مبنی بر انصاف فیصلے نہیں کرسکتے، الایہ کہ وہ مدارس سے نکل کر ہی وہاں پہنچے ہوں اور مدارس کا سارا انتظام وانصرام ان کا دیکھا بھالا ہو۔

    حفظ کے طلبہ  کے لیے چند گزارشات:

    1۔ درجۂ حفظ میں کسی بچے کو داخل کرنے کے لیے عمر کا خاص خیال رکھا جانا چاہیے، حفظ میں بیٹھنے والے طالب علم کی عمر کسی بھی صورت میں دس سال سے زیادہ نہ ہو۔ حفظ شروع کرنے کے لیے سات سے نو سال کی عمر بہت زیادہ موزوں ہے۔یہ عجیب بات ہے کہ حفظ کے درجات میں بعض طلبہ  آٹھ دس سال کی عمرکے ہوتے ہیں اور بعض اٹھارہ بیس سال کے بھی۔ کیونکہ حفظ میں بچوں کو داخل کرتے وقت ان کی عمر نہیں دیکھی جاتی اور نہ ہی یہ دیکھا جاتا ہے کہ یہ بچہ حفظ کرنے کے لائق ہے بھی یا نہیں۔

    جو طلبہ  حفظ میں نہیں چل پاتے انہیں بھی مارے باندھے کسی نہ کسی طرح مکمل حافظ بنانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ان کے والدین اور اساتذہ یہ دلیل رکھتے ہیں کہ چار پانچ پارے حفظ کرلیے ہیں، اب جیسے بھی ہواور خواہ کتنا بھی وقت لگے حفظ مکمل ضرور کرنا ہے، وہ اسے گناہ کی بات سمجھتے ہیں کہ ان کا بچہ دس پندرہ پارے حفظ کرکے چھوڑ دے، بھلے ہی اس نے دس پندرہ پارے ڈھائی تین سال میں ہی کیوں نہ کیے ہوں۔

    2۔ انہی بچوں کو حفظ میں بٹھایا جائے جو حفظ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ اگر حفظ کا کوئی طالب علم مغرب سے عشاء کے درمیانی وقت میں قرآن کے دو ڈیڑھ صفحات پختہ یاد کرکے سنادے تو اس کے بارے میں گمان یہی ہے کہ وہ حفظ کرنے کا اہل ہے۔ اس کے برعکس اگر کوئی طالب علم مغرب سے عشاء تک کے وقت میں صرف ایک یا آدھا صفحہ ہی یاد کرکے سنائے اور وہ بھی ٹھیک سے یاد نہ ہو تو اس کے بارے میں گمان یہی ہے کہ وہ حفظ کے لائق نہیں ہے۔ ہفتے بھر میں اس بات کا آسانی سے پتہ لگایا جاسکتا ہے۔ مگر مشکل یہی ہے کہ بیشتر مدارس کو طلبہ  کی ضرورت رہتی ہے اس لیے وہ کڑی شرائط نہیں لگاپاتے اورہر طالب علم کو حفظ میں بٹھالیتے ہیں۔

    3۔ حفظ کے ساتھ کم از کم دو گھنٹے ضرور نکالے جائیں جن میں انہیں زبانوں کی تعلیم تو کم ازکم دی ہی جانی چاہیے، تاکہ اگر وہ مدرسہ چھوڑ کر جائیں بھی تو اوپن اسکولنگ سے اپنی تعلیم کم از کم انٹرتک کی  مکمل کرسکیں۔

    4۔ حفظ کے طلبہ  کے ساتھ ایک مشکل یہ بھی ہوتی ہے کہ اگر وہ حفظ کے بعد عربی درجات بھی پڑھنا چاہیں تو ان کی عمر بہت زیادہ ہوجاتی ہے۔ عالمیت وفضیلت سے فارغ ہوتے ہوتے پچیس چھبیس سال کے ہوجاتے ہیں، اب خود ان کے اور ان کے سرپرستوں کے اندر مزید تعلیم حاصل کرنے کا حوصلہ نہیں رہ پاتا۔

    5۔ سرپرستوں کے لیےایک بہت ضروری بات یہ بھی ہے کہ چھوٹے بچوں کو دور دراز کے مدرسوں میں ڈالنے کے بجائے مقامی مدارس میں بٹھائیں، آپ کا بچہ صبح کو گھر سے نکلے اور سبق لے کر شام کو گھر لوٹ آئے، اس سے بہتر کوئی اوربات نہیں ہوسکتی۔ آٹھ دس سال کے بچوں کو گھرسے سیکڑوں میل دور ہاسٹل میں ڈالنا اور وہ بھی ایسے ہاسٹل میں جہاں سہولتیں بھی ناکافی ہوں، کسی طرح بھی مناسب نہیں ہے۔ اس سے بہتر کوئی بات نہیں ہے کہ چھوٹے بچے مقامی مدارس ومکاتب میں ابتدائی تعلیم حاصل کریں اور پھر اعلیٰ تعلیم کے لیے بڑے مدارس کا رخ کریں۔

    مدارس کے نصابِ تعلیم میں درکار تبدیلی:

    1۔ جیسا کہ اوپر بیان ہوا کہ حفظ میں منتخب بچے ہی رکھے جائیں،جو بچے حفظ میں چلنے کے لائق نہ ہوں، خود ان سے اوران کے والدین سے بات چیت کرکے، انہیں دینیات کے درجات میں بٹھایا جائے، دینیات کے درجات کا نصاب ایسا ہو کہ سال دو سال بعد اگر کچھ طلبہ  کسی مجبوری کی وجہ سے مدرسہ چھوڑ بھی دیں تو وہ مقامی اسکول میں ایڈمیشن لے سکیں۔ ان کی عمر بھی زیادہ نہ ہو اور اتنی صلاحیت بھی ہوکہ مطلوبہ کلاس میں داخلہ مل سکے۔

    2۔ اس سلسلے میں سب سے بہتر طریقہ یہی معلوم ہوتا ہے کہ دسویں / بارہویں تک ہرمدرسے کا نصاب اور پڑھانے کے طورطریقے اسکول کی طرح ہی رکھے جائیں۔ گورنمنٹ اسکول کے نصاب میں چند کتابیں کم کرکے دینیات کی چند کتابیں داخل کردی جائیں اور دسویں وبارہویں کے امتحان کسی بھی بورڈ سے دلوائے جائیں۔اگر اتنا نہیں کرسکتے تو کم از کم آٹھویں تک تو لازما یہی اسکول والا نصاب جزوی تبدیلی اور حذف واضافے کے ساتھ رکھا جائے۔ابتداء میں بے شک کچھ مشکلات آئیں گی مگر چند سالوں میں اس مشکل پر آسانی کے ساتھ قابو پایا جاسکتا ہے۔

    3۔ دسویں ، بارہویں کرنے کے بعد جو طلبہ کالج ویونیورسٹی کی طرف جانا چاہیں وہ ادھر چلے جائیں اور جو طلبہ  عالم وفاضل بننا چاہیں انہیں اسی مدرسے میں عالمیت کے درجے میں بٹھایا جائے، اگر مدرسہ چھوٹا ہو اور عالمیت کے درجات نہ ہوں تو ا نہیں بڑے مدارس میں داخل کیا جائے۔ میرا خیال ہے کہ اگر ان طلبہ  کی بروقت صحیح کونسلنگ کی جائے تو ان میں سے ساٹھ ستر فیصد طلبہ  ضرور بالضرور علم دین حاصل کرنا چاہیں گے۔

    اب فرض کریں کہ ان میں سے بعض طلبہ  اگر کسی مجبوری کی وجہ سے آگے کی تعلیم جاری نہ رکھ سکیں، نہ مدرسے کی اور نہ ہی یونیورسٹی کی توان طلبہ  کے پاس اتنی صلاحیت ضرور ہوگی کہ وہ زندگی میں سروائیو کرپائیں گے، چھوٹی موٹی جاب بھی کرنے کے اہل ہوں گے اور ناخواندہ لوگوں کے مقابلے میں اپنے کاروبار میں بھی بہتر کریں گے۔

    4۔ جب یہ طلبہ بارہویں کرلیں گے تب ان کی عمر یہی کوئی اٹھارہ، انیس سال کی ہوگی اور ان کے لیےعالم وفاضل بننے کے لیے پانچ چھے سال بہت کافی ہوں گے۔ جب یہ طلبہ  عالم وفاضل بن کر نکلیں گے تو دنیا کا ہر کورس اور دنیا کی ہر جاب کرنے کے اہل ہوں گے۔

    5۔ انہی دس بارہ سالوں میں جب اسکول جیسی تعلیم دی جارہی ہوگی، زبانیں سکھانے پر خاص فوکس کیا جائے، ہر طالب علم کو چار پانچ زبانیں آنی ہی چاہئیں۔یہ طلبہ  ہندی و اردو تو بہت آسانی سے سیکھ لیں گے، بس انگریزی و عربی زبان پر ذرا زیادہ فوکس کرنا پڑے گا، تاکہ وہ عالمیت وفضیلت کرنے کے لیے پوری طرح اہل ہوسکیں۔ پھر ان زبانوں کو پڑھانے کا طریقہ بھی جدید اورکامیاب طریقہ ہونا ضروری ہے۔

    6۔ عالمیت وفضیلت کے جو درجات ہیں ان میں اہل مدارس چاہیں تو ہلکی پھلکی تبدیلی کرلیں، یا نہ کرنا چاہیں تو نہ کریں ۔البتہ عالمیت کا جو طویل دورانیہ ہے اس میں سے دو تین سال کم کرنا مناسب رہے گا ۔ نحو و صرف کی اضافی کتابیں منہا کی جاسکتی ہیں ،اسی طرح فقہ کی بعض کتابیں بھی ۔ اس کے علاوہ جو مشکل کتابیں ہیں انہیں آسان کتابوں سے ضرور بدلنا چاہیےاوریہ تبھی ہوگا جب کتاب سے زیادہ فن کو اہمیت دی جائے گی ۔

    7۔ مدارس میں عالمیت کے بعد جو فضیلت وتخصص کے شعبے ہیں ، وہ شعبے اسی طرح یا نصاب میں جزوی حذف واضافے کے ساتھ فعال رکھے جاسکتے ہیں تاہم انہی شعبوں میں ’’تقابلِ ادیان‘‘  شعبے کا اضافہ بھی ضرور کیا جائے جس میں سنسکرت زبان سکھائی جائے اور ہندوستان میں جو مختلف مذاہب ہیں ان کی اہم اور بنیادی کتابیں بھی پڑھائی جائیں تاکہ وہ غیر مسلموں میں دعوت کا کام بحسن وخوبی کرسکیں۔ فضیلت وتخصص میں منتخب طلبہ  کو لیا جائے، ایسے طلبہ  کو جو کم عمر ہوں، محنتی ہوں اورذی استعداد بھی ہوں اور پھر ان کے گھر کی مالی پوزیشن بھی مستحکم ہو، تاکہ وہ مزید یکسوئی کے ساتھ علمی و دعوتی کام کے لیے خود کو وقف کرسکیں۔ مدارس میں اوپر کے شعبوں میں سب سے زیادہ فعال اسی شعبے کو ہونا چاہیے اور سب سے زیادہ وسائل بھی اسی شعبے کو حاصل ہونے چاہئیں،کیونکہ یہ وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔

    8۔ چھوٹے مدارس میں بھی اساتذہ کی تنخواہیں اچھی اور معیاری ہوں اور سہولتیں بھی اچھی ہوں تاکہ طالب علم اپنے مستقبل میں ایک استاذ کی حیثیت سے اپنا کرئیر بنانے کی کوشش کریں اور ان کے سرپرست،  دوست واحباب اور محلے کے لوگ ان کے بارے میں یہ رائے قائم کریں کہ سب سے اچھا پیشہ یہی تدریس کا پیشہ ہے۔ مدارس اور اہل مدارس کے تعلق سے جب تک خود مدارس کے تدریسی اسٹاف اور عام لوگوں کے اندر یہ احساس پیدا نہیں ہوگا کہ مدارس کے خدام کی زندگی بھی قابل رشک زندگی ہے، تب تک مدارس کو طلبہ  نہیں ملنے والے ہیں اور اگر ملیں گے بھی تو ایسے ہی ملیں گے جو غریب اورکمزوراور نادار ہوں گے،جو اسکول نہیں جاسکتے، جنہیں پڑھنے لکھنے کا کچھ بھی شوق نہیں ہوگا ، بس یونہی مارے کھینچے مدرسے میں پہنچائے گئے ہوں گے۔

    اس پورے معاملے میں سب سے اہم جو بات ہے وہ یہی ہے کہ مدارس کے طلبہ  فراغت کے بعد جب تدریس وامامت کے پیشوں سے وابستہ ہوں تو انہیں موجودہ زمانے کے حساب سے اچھی اورمعیاری تنخواہیں ملیں اور انہیں بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔ نہیں تو آج کل کے جو حالات ہیں اگر یہی حالات چلتے رہے تو بہت زیادہ وقت نہیں گزرے گا کہ نہ مساجد کے لیے امام میسر ہوں گے اور نہ مدارس کے لیے طلبہ  واساتذہ۔ اس پورے معاملے یہی سب سے بنیادی کام ہے مگر اسی پر سب سے کم توجہ ہے، خود اہل مدرسہ کی بھی اور قوم کے مخیر حضرات کی بھی ۔اگر تنہا یہی ایک چیز درست کرلی جائے تو دیگر بہت ساری چیزیں خود بخود اپنے ٹریک پر آتی چلی جائیں گی۔

    9۔ مدارس کے نصاب میں یہ جزوی تبدیلی اس لیے بھی ضروری ہے کہ قوم کے بے شمار بچے سرکاری اسکولوں میں پڑے برباد ہورہے ہیں، ان کے سرپرست خانگی اسکولوں میں بٹھانہیں سکتے کیونکہ فیس زیادہ ہوتی ہے اور سرکاری اسکولوں میں انہیں تعلیم نہیں ملتی۔سال کا کم وبیش نصف حصہ تو چھٹیوں میں ہی گزرجاتا ہے، کبھی ٹیچرس غائب رہتے ہیں تو کبھی طالب علم۔ اگر آپ گاوؤں ، و قصبوں میں مسلم محلوں کا سروے کریں تو آپ کو معلوم ہوگا کہ اسکولوں میں پڑھنے والے مسلمان بچوں کی کتنی بڑی تعداد برباد ہورہی ہے۔ پچاس ساٹھ فیصد بچے تو آٹھویں دسویں سے آگے ہی نہیں بڑھ پاتے اور جو تھوڑے بہت بچے لشتم پشتم کسی طرح انٹر کر بھی لیتے ہیں تو ان کے پاس ڈگری کی سواکچھ نہیں ہوتا، بلکہ بہت سارے بچے تو غلط صحبتوں میں پڑ کر برباد ہوجاتے ہیں۔ یہ بڑی تکلیف دہ صورت حال ہے مگر اس طرف کسی کا بھی دھیان نہیں جاتا۔اگر ہم سمجھتے ہیں کہ ہمیں اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں برباد ہونے سے بچانا ہے تو ہمیں اپنے مدرسوں میں لازماً وہ تعلیم دینی چاہیے جو وہ سرکاری اسکولوں میں حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

    10۔ ابتدائی تعلیم کے درست ہونے سے دیگر بہت سارے مسائل بھی از خود حل ہوجائیں گے۔ ایک تو جب طلبہ  کی بنیاد مضبوط ہوگی تو انہیں آگے کی تعلیم کا شوق پیدا ہوگا، پھر خود سرپرست بھی چاہیں گے کہ وہ اپنے بچوں کو مزید تعلیم دلائیں۔ پھر اگر ایسا ہوسکے کہ بڑے پیمانے پرسرکاری اسکولوں میں جانے والے طلبہ مدارس کی طرف آجائیں تو تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی اسلامی تربیت بھی ہوسکے گی اور پھر جب ان میں سے کچھ طلبہ  سولہ، سترہ سال کی عمر میں یونیورسٹیوں کا رخ کریں گے تو وہ الحادو دہریت کے اسٹروکس سے بھی کسی قدر محفوظ رہ پائیں گے۔

    11۔ وقت کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کے اندر بلکہ خود علماء کے اندر بھی جو کچھ بھی اور جیسی کچھ بھی تبدیلی آرہی ہے وہ آپ دیکھ ہی رہے ہیں۔ میری طرح آپ بھی یہ بات نوٹ کیے بنا نہیں رہ سکتے کہ اب مدارس کے اساتذہ ومنتظمین اور ائمہ مساجد بھی اپنے بچوں کو اسکول کی تعلیم دلارہے ہیں۔ یہ کیسی ستم ظریفی ہے یاوقت اور حالات کی مار کہیے کہ اہل مدارس تو گاؤں دیہات سے چھوٹے بچوں کو پکڑ پکڑ کر لائیں اور انہیں عالم وفاضل بنائیں لیکن جب وہ عالم وفاضل بن جائیں تو وہ خود اپنے بچوں کو مدارس میں نہ بھیج کر اسکولوں میں بھیجیں ، باوجود اس کے کہ ان کی آمدنی کم ہے اور اسکول کی تعلیم میں اخراجات بہت زیادہ ہیں اورجب کہ اسکول کی تعلیم کی بنسبت مدارس کی تعلیم میں اخراجات بہت کم ہیں۔

    ویسے میرا خیال تو یہ ہے کہ اس بات میں، یعنی علماء بھی اپنے بچوں کو اسکول کی تعلیم دلا رہے ہیں، کچھ زیادہ حرج بھی نہیں ہے کیونکہ یہ کوئی فرض وواجب تو نہیں ہے کہ عالم دین کے بچے بھی عالم دین ہی بنیں، وہ دوسرے علوم بھی حاصل کرسکتے ہیں اور دوسرے ذرائع سے پیسے کماکر اپنے والدین کی مدد کرسکتے ہیں۔ مگر یہ کہ اس سے مدارس کے خلاف ایک ذہنیت تو پیدا ہوتی ہی ہے کہ اگر مدارس کی تعلیم اتنی ہی اچھی ہے جتنی اچھی بتائی جاتی ہے تو علماء خود اپنے بچوں کو مدارس میں کیوں داخل نہیں کرواتے۔

    ان سب وجوہات کو دیکھتے ہوئے کم از کم مجھے تو پورا انشراح ہے کہ مدارس کے ابتدائی درجات کے نصاب میں جزوی تبدیلی خوشگوار نتائج پیدا کرے گی ۔اور یہ تبدیلی کسی طرح سے بھی کلی تبدیلی نہیں ۔

  • بھارت-کنیڈا مناقشہ: خفیہ ایجنسیوں کے بیرون ملک آپریشن

    بھارت-کنیڈا مناقشہ: خفیہ ایجنسیوں کے بیرون ملک آپریشن

    نومبر 1984۔ بھارت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی کو ان کے سکھ باڈی گارڑوں نے امرتسر میں سکھ مذہب کے مقدس ترین مقام دربار صاحب پر فوج کشی کا حکم دینے کی پاداش میں قتل کردیا تھا۔ ہزاروں میل دور پیرس کے ایک کیفے میں بھارت کی خارجہ انٹیلی جنس ایجنسی ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ یعنی را کا ایک افسر سنجیو جندال سوچوں میں گم تھا۔ اس کو یورپ میں سکھ علیحد گی پسند تحریک کے سرخیلوں کی اور ان کی مد د کرنے والوں کی شناخت کرنے کے علاوہ ان کے خلاف ایک آپریشن شروع کرنے کی کمان سونپی گئی تھی۔ بھارتی صوبہ پنجاب میں حالات خاصے ابتر تھے۔ کیفے میں اپنے ایک مخبر کے ساتھ ملاقات کے بعد اس کو یقین ہوگیا تھا کہ بھارت کے لیے بنگلہ دیش جیسی صورت حال پیدا ہو رہی ہے۔ کشمیر تو ابھی پر امن تھا مگر لندن میں بھارتی سفارت کار رویندر مہاترے کا قتل اور پھر دہلی کی تہاڑ جیل میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے لیڈر مقبول بٹ کو پھانسی دینا،سرینگر میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ حکومت کی برطرفی، کچھ ایسے اشارات دے رہے تھے کہ پنجاب کے بعد کشمیر بھی بھارت کی سلامتی ایجنسیوں کے لیے چلینج بننے والا تھا۔
    فی الحال ان کی یونٹ کو پنجاب کی علیحد گی پسند تحریک یعنی خالصتان کے حامیوں کا قلع قمع کرنے کا کام دیا گیا تھا۔ اس طرح ’’آپریشن ہارنٹ‘‘ کا آغاز کیا گیا۔ جو اگلے تین سال تک جاری رہا۔ اس آپریشن کے دوران تین ایسے افراد کا پتہ لگایا گیا، جو بیرون ملک خالصتان کے لیے شہ رگ کی حثیت رکھتے تھے۔ یہ بی این سندھو، اوتار سنگھ سیٹھی اور پاکستانی نژاد برطانوی شہری عبدل خان تھے۔ ان تینوں کے خلاف ثبوت وغیرہ تو اکھٹا کیے گئے تھے، مگر دہلی سے حکم آیا تھا کہ چوں کہ برطانوی خفیہ ادارے بھی ان کی ٹوہ میں ہیں، اس لیے ان کو ٹھکانے لگانے کے لیے کوئی اور طریقہ ڈھونڈناپڑے گا۔ اگر ان کو لندن میں ہلاک کیا جاتا ہے تو برطانوی ادارے ایک منٹ میںہی ان ہلاکتوں کو بھارتی خفیہ ایجنسیوں کے ساتھ جوڑدیتے۔ اس لیے سیٹھی اور بی این سندھو کے پیچھے دو خواتین کو لگایا گیا۔ یہ دونوں خواتین سوفی اور ہرپریت، را کے لیے ہی کا م کرتی تھیں۔ سوفی نے سیٹھی کو امریکہ کا دورہ کرنے کے لیے اکسایا، جہاں سان فرانسسکو میں بھارتی ایجنٹوں نے اس کو اغوا کرکے ایک سیف ہاوس میں پہنچادیا، جہا ں نارائنن اور جندال پہلے ہی موجود تھے۔ چھ گھنٹے کے انٹروگیشن کے دوان اس نے ان کو کافی معلومات دیں اور بھارتی ایجنسی کے لیے کام کرنے پر رضامندی بھی ظاہرکی۔ وہ چوں کہ بزنس مین تھا، اس کے کئی راز، را کے ہاتھ لگ چکے تھے، جن سے اس کا کاروبار متاثر ہو سکتا تھا۔
    دوسری طرف ہرپریت کی مدد سے سندھو کو پنجاب جانے کے لیے آمادہ کروایا گیا۔ دسمبر 1986 کو اس کو نئی دہلی میں گرفتار کرکے اس کے نیٹ ورک کا قلع قمع کردیا گیا۔ اس سے قبل جون 1986 میں سیٹھی نے را کو ایک ٹیپ فراہم کی جس میں پنجاب میں مزید حملوں کو انجام دینے کے لیے فنڈنگ نیٹ ورک کا انکشاف کیا گیا تھا۔ اب عبدل خان کی باری تھی۔ ایک پیچیدہ آپریش کے بعد اس کو لاہور جاکر اپنے والدین سے ملنے کی ترغیب دی گئی۔ مئی 1987 کو دو موٹر سائیکل سواروں نے خان کو لاہور میں اس کے آبائی گھر کے باہر گولی مار کر ہلاک کردیا۔ یہ ابن صفی یا مظہر کلیم کا کوئی جاسوسی ناول نہیں ہے بلکہ حقیقی واقعات ہیں۔
    گو کہ بھارت کے سابق اور ریٹائرڈ اہلکار اپنی کتابو ںمیں یا نجی محفلوں میںا کثر پاکستان میں اپنے کارنامے بیان کرکے بڑی واہ واہی لوٹتے ہیں، مگر مغربی ممالک میں اس طرح کے آپریشن پر خاموشی اختیار کرتے ہیں۔ اس کو تکبر یا ضرورت سے زیادہ خو د اعتمادی کہیں کہ شاید پہلی بار پچھلے دو برسوں سے بھارتی خفیہ اداروں نے مغربی ممالک خاص طور پر کنیڈا میں آپریشن شروع کرکے خالصتان کے حامی سکھوں کو مبینہ طور ہلاک کرنا شروع کردیا۔ جون 2023 میں، ہردیپ سنگھ نجار کو کنیڈاکے صوبہ برٹش کولمبیا میں قتل کر دیا گیا۔اس کے بس ایک ہفتہ قبل ہی خالصتان کے ایک اور پرجوش حامی اور برطانیہ میں وارث پنجاب دے کے رہ نما ہردیپ سنگھ کھنڈا برمنگھم میں پراسرار حالات میں
    انتقال کر گئے تھے۔مئی 2023 میں، خالصتان کے حامی پرمجیت سنگھ پنجوار کو لاہور، میں قتل کر دیا گیا۔ 2022 میں روپندر سنگھ ملک کی کنیڈا میں پراسرار حالات میں موت ہو گئی۔ خالصتان کارکن سکھدول سنگھ عرف سکھا ڈون کو 20 ستمبر کو کنیڈاکے شہر ونی پیگ میں نامعلوم افراد نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ اسی طرح پچھلے ایک سال کے دوران پاکستان میں کشمیری تحریک سے وابستہ افراد بشیر احمد پیرالمعروف امتیاز عالم، اعجاز احمد آہنگر، البدر کے سابق عسکری سید خالد رضا اور محمد ریاض المعروف قاسم کشمیری کو پراسرار حالات میں ہلاک کردیا گیا۔
    بھارت میں ان ہلاکتوں پر بغلیں بجائی گئیں اس کو قومی سلامتی مشیر اجیت دوبال کی’ دوبال ڈاکٹرین‘ اور وزیر اعظم نریندر مودی کی ’’گھر میں گھس کر مارنے‘‘ کی دھمکی کو عملی جامہ پہنانے سے موسوم کیا گیا۔ پاکستان کی حد تک تو کون احتساب مانگنے یا چیخ پکار کرتا، مگر کسی مغربی ملک میں اور پھراس کے ہی شہری کو مارنا وہاں کی کسی خفیہ ایجنسی اورنہ کسی سیاستدان کے گلے اتر سکتا تھا۔ اسی لیے 80کی دہائی میں ہلاک یا بھارت مخالف عناصر کو بے اثر کرنے کے لیے بھارتی خفیہ ایجنسیاں جال بچھا کر ان کو پہلے کسی دوسرے ملک میں جانے کی خفیہ ترغیب دیتی تھیں۔ ایسا لگتا ہے کہ نجار کی ہلاکت سے قبل یا اس کے فوراً بعد ہی کنیڈا کی خفیہ ایجنسیوں نے ٹوہ لینی شروع کر دی تھی اور اس سلسلے میں مبینہ طور پر بھارتی سفارت کاروں اور ان سے ملنے والوں کے فون ٹیپ کیے جار ہے تھے۔ کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈونے پارلیمنٹ کو بتایا کہ نجار کے قتل میں بھارتی حکومت کے ملوث ہونے کے ”معتبر الزامات” ہیں۔اسی کے ساتھ ان کی حکومت نے کنیڈا میں را کے اسٹیشن سربراہ پون کمار رائے کو ناپسندیدہ شخص قرار دے کر اس کو ملک سے چلے جانے کا حکم دیا۔ جو سفارتی آداب میں سخت ترین قدم مانا جاتا ہے۔
    ویسے تو بھارت اور کنیڈا کے درمیان ایک بڑا تنازع 2010 میں ہی شروع ہو گیا تھا جب کنیڈانے جموں و کشمیر میں خدمات انجام دینے والے بھارتی سیکورٹی فورسز کو ویزا دینے سے انکار کر دیا تھا۔ کنیڈا نے یہ قدم اس لیے اٹھانے کا فیصلہ کیا، جب یہ پتہ چلا کہ ایک فوجی افسر میجر اوتار سنگھ،جس پر 1996 میں ایک معروف کشمیری وکیل جلیل اندرابی کو قتل کرنے کا الزام ہے، کو بھارتی حکومت نے جعلی پاسپورٹ فراہم کروا کہ اس کو کنیڈا جانے اور وہاں سکونت پذیر ہونے میں مدد کی تھی۔ اس کے خلاف جموں و کشمیر کی ایک عدالت گرفتاری کا وارنٹ جاری کیے ہوئے تھی اور فوج اور خفیہ ایجنسیوں کو حکم دیا گیا تھا کہ اس کو پولیس کے حوالے کرکے تفتیش میں معاونت دے۔ اس جعلی پاسپورٹ پر ویزا دینے کے سلسلے میں بھارت میں کینیڈین ہائی کمیشن کا عملہ بھی کٹہرے میں تھا۔
    چوں کہ معاملہ ایک معروف وکیل کا تھا، اس لیے ریاستی ہائی کورٹ کی بنچ نے اوتار سنگھ کے خلاف سخت موقف اختیار کرکے اس کا پاسپورٹ ضبط کرنے کے احکامات صادر کر دیے تھے۔ لیکن اس سے قبل کہ پولیس اس کو گرفتار کرتی، وہ حکومت کی معاونت سے کنیڈ ا چلا گیا تھا۔ اس سے شرمندہ ہو کر نئی دہلی میں کینیڈین ہائی کمیشن نے کشمیر میں خدمات انجام دینے والے سیکورٹی فورسز کے ویزا کا اجرا روک دیا تھا۔ بھارتی وزارت خارجہ نے اس قدم کے خلاف احتجاج کیا۔ وزارت خارجہ کو مزید غصہ تب آیا، جب جون 2010 میں، اس وقت کے وزیر اعظم منموہن سنگھ ٹورنٹو میںجی۔20 اجلاس میں شرکت کے لیے جا رہے تھے، تو ان کی سیکورٹی پر مامور اسپیشل پروٹیکشن گروپ (SPG) سے تعلق رکھنے والے ایک اہلکار کا ویزا رد کر دیا گیا۔ بھارت نے اس پر سخت اعتراض کیا، حتیٰ کہ جی۔20 سربراہی اجلاس سے دستبردار ہونے کی دھمکی دی۔ مگر نئی دہلی میں کینیڈین ہائی کمیشن نے 2008 میں کینیڈین پارلیمنٹ کے ذریعے منظور کردہ ایک قانون کا حوالہ دیا، جس کے تحت کسی بھی ایسے شخص کو ویزا دینے سے انکار کرنا لازمی قرار دیا گیا جس نے کسی ایسی تنظیم کے لیے کام کیا ہو، جو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مرتکب ہوئی ہو یا اس پر عدالت میں الزامات دائر کیے گئے ہوں۔ اسی دوران انڈین انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے دو ریٹائرڈ اہلکار ایس ایس سدھو اور ٹی ایس سرویا کے ساتھ ساتھ ریٹائرڈ فوجی افسران لیفٹیننٹ جنرل اے ایس باہیا اور لیفٹیننٹ جنرل او پی نندرا جوگ اور ریٹائرڈ بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ایک ہیڈ کانسٹبل فتح سنگھ کی ویزا درخواستیں رد کر دی گئیں۔ سرویا، جو پنجاب کے جالندھر میں آئی بی کے ڈپٹی سینٹرل انٹیلی جنس آفیسر کے طور پر 36 سال کی سروس کے بعد ریٹائر ہوئے تھے، کو 2008 میں کینیڈین امیگریشن اینڈ ریفیوجی پروٹیکشن ایکٹ کی دفعہ A34(1)(F) کے تحت وزیٹر ویزا دینے سے انکار کر دیا گیا۔
    کنیڈا کے سفارت کاروں کا کہنا تھا کہ اوتار سنگھ کے کیس کی وجہ سے ان کی سبکی ہوئی ہے۔اس کا کیس کچھ یوں تھا۔ فروری 1996 میں جب جلیل اندرابی جنیوا سے انسانی حقوق کی کانفرنس میں شرکت کے بعد واپس سرینگر آگئے تھے، تو کچھ مسلح افراد نے ان کے دروازے پر دستک دی۔ان کی اہلیہ نے دروازہ کھولا اور ان سے بحث کرنے لگی۔ اندرابی نے اپنے مکان کی تیسری منزل سے چھپ کر اہلیہ کے ساتھ ان کی بحث کرنے والے افراد کی تصویریں لیں۔ اگلے روز صبح سویرے وہ پہلی فلائٹ سے کیمرے سے لیس نئی دہلی روانہ ہوگئے اور اس وقت کے وزیر داخلہ شنکر راؤ چوان، ان کے نائب راجیش پائلٹ اور پھر امریکی سفیر فرینک وایزنر سے ملاقاتیں کرکے تصویریں ان کے حوالے کردیں۔ ان سبھی مقتدر افراد نے ان کو یقین دلایا کہ ان کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے اور جن افراد کی انھوں نے نشان دہی کی ہے،کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ چند روز کے بعد اندرابی ان تمام یقین دہانیوں کے ساتھ عید منانے کے لیے کشمیر لوٹ آئے۔مگر مارچ 1996 کو عید کے دن، جب وہ کسی عزیز سے ملنے کے بعد گاڑی سے واپس گھر لوٹ رہے تھے، تو اوتار سنگھ کی قیادت میں فوج کے دستے نے ان کو روک کر گرفتار یا اغوا کیا۔ ان کی اہلیہ اکیلے گاڑی ڈرائیو کرتے ہوئے گھر آپہنچی اور اگلے ہی دن کورٹ میں حبس بیجا کے تحت پیٹشن دائر کی۔ عدالت نے فوج کو اندرابی کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ مگر فوج کا کہنا تھا کہ ایسا کوئی شخص ان کے پاس نہیں ہے۔ اغوا کے 19 دن بعد 27 مارچ کو ان کی لاش دریائے جہلم سے ملی۔ ان کے سر اور دل میں گولیوں کے سوراخ تھے اور جسم پر تشدد کے نشانات بھی ملے۔
    ہائی کورٹ نے ایک اسپیشل تفتیشی یونٹ بنانے کے احکامات صادر کیے، جس نے سری نگر کے راولپورہ کیمپ میں تعینات فوج کے میجر اوتار سنگھ کو ملزم قرار دیا اور کہا کہ جلیل اندرابی کی گرفتاری کا کام فوج کے لیے کام کرنے والے بندوق بردار سکندر گانی نے کیا تھا، جو اوتار سنگھ کے یونٹ کے ساتھ منسلک تھا۔ ایس آئی ٹی کی رپورٹ میں کہا گیا کہ گانی کو پراسرار حالات میں ہلاک کردیا گیا ہے۔ اسپیشل پولیس ٹیم نے فوجی افسر پر آٹھ دیگرافراد کو بھی قتل کرنے کا الزام لگایا۔ جب یہ منظر عام پر آیا کہ سنگھ کینیڈا فرار ہوگیا ہے، سری نگر کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ محمد ابراہیم وانی نے بھارتی وزارت داخلہ کو ہدایت دی کہ وہ گرفتاری کے وارنٹ انٹر پول کے سپرد کرکے، اوتار سنگھ کی حوالگی کو یقینی بنائے۔ جسٹس بلال نازکی، ان ججوں میں شامل تھے، جو اس کیس کی نگرانی کر رہے تھے۔ چند سال قبل انھوں نے میڈیا کو بتایا کہ انھیں جموں و کشمیر ہائی کورٹ سے اس کیس میں احکامات صادر کرنے کی وجہ سے ہی حیدر آباد ٹرانسفر کر دیا گیا۔ نازکی، جو اڑیسہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر ریٹائر ہوئے، نے کہا: ’’جب میں نے کیس کی نگرانی شروع کی اور قتل کی تحقیقات کے لیے SIT قائم کرنے کی ہدایت دی۔ اس کے فوراً بعد ہی میرا تبادلہ حیدرآباد کردیا گیا۔ بعدازان ہائی کورٹ نے اس میں کوئی دل چسپی نہیں لی۔‘‘
    جب کینیڈین حکام کو میجر سنگھ کی ملک میں موجودگی کا پتہ چلا، تو وہ لاپتہ ہو گیا۔ فروری 2011 کو ایک بھارتی خاتون نے امریکی ریاست کیلیفورنیا میںپولیس کو فون کرکے بتایا کہ اس کا شوہر اس پر تشدد کر رہا ہے اور اس نے اس کا گلا گھوٹنے کی بھی کوشش کی ہے۔ جب شوہر کو گرفتار کیا گیا اور اس کے فنگر پرنٹ لیے گئے، تو معلوم ہو اکہ یہ بھارت میں مطلوب ملزم میجر اوتار سنگھ ہے۔ اس کی گرفتاری کے لیے انٹرپول کا ریڈ نوٹس تھا۔ اگرچہ وہ غیر قانونی طور پر امریکہ میں تھا، لیکن وہ ایک عالشان پرائیوٹ ٹرانسپورٹ کاروبار کا مالک تھا۔ امریکی حکومت نے نئی دہلی کو مطلع کیا، جس نے اس کی حوالگی میں کوئی دل چسپی نہیں دکھائی۔اس کے ڈیڑھ سال بعد جون، 2012 کو، سنگھ نے، جو اب کیلیفورنیا کے ایک دوسرے شہر سیلما منتقل ہوگیا تھا، خود کشی کر لی اور اس سے قبل اپنی بیوی اور تین بچوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ خود پر بندوق چلانے سے پہلے، اس نے شیرف کے دفتر کو فون کیا اور بتایا کہ اس نے چار لوگوں کو مار ڈالا ہے۔
    کینیڈین سینٹر فار انٹرنیشنل جسٹس کے لیے کام کرنے والے وکیل میٹ آئزن برانڈ کا کہنا تھا کہ کہ سنگھ کا مقدمہ دنیا کی کسی بھی عدالت میں جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم اور ماورائے عدالت قتل کے الزامات کے تحت عالمی دائرہ اختیار کی ضرورت کو ظاہر کرتا ہے۔سری نگر کے مرکز میں بٹہ مالو کے مکینوں کا بھی کہنا ہے کہ سنگھ نے ان کے محلے سے بھی متعدد نوجوانوں کو حراست میں لیا، جو پھر کبھی اپنے گھروں کو واپس نہیں لوٹے۔چند سال قبل ان میں سے ایک جنید نے ایک انگریزی اخبار کو بتایا کہ میجر سنگھ نے نوجوانوں کی ایک ٹولی کے ساتھ اس کو بھی حراست میں لیا تھا۔ رات کے اندھیرے میں دریائے جہلم کے کنارے لے جاکر اس نے فوجیوں کو حکم دیا ان نوجوانوں کی ایک ایک کرکے دریا میں پھینکا جائے۔ ’’ میں نے آنکھیں بند کیں اور گناہوں سے مغفرت کی دعا کرنے لگا۔ مجھے معلوم تھا میری باری آنے والی ہے۔ لیکن مجھے واپس لایا گیا۔ ‘‘ جنید کا کہنا تھا کہ پلہالن کے کیمپ میں ایک مقامی استادکے گلے میں میجر سنگھ نے اپنی چھڑی ٹھونس دی۔’’اس استاد نے میرے سامنے ہی دم توڑ دیا۔‘‘
    معروف صحافی ہرتوش سنگھ بال، نے کنیڈا جانے سے قبل پنجاب کے ایک آرمی کیمپ میں سنگھ کا پتہ لگایا تھا اور اس کے بعددو بار امریکہ میں سنگھ سے فون پر بھی بات کی تھی، کا کہنا ہے کہ سنگھ نے اس کو بتایا تھا کہ اگر بھارتی حکومت اس کی حوالگی کا مطالبہ کرتی ہے، تو وہ خاموش نہیں رہے گا۔ کئی مقدس گائیں اس کے ساتھ دفن ہو جائیں گی۔ ”شاید یہ آدمی کچھ زیادہ ہی جانتا تھا اور زندہ رہنے کا مستحق نہیں تھا،‘‘
    آج جب کنیڈا نے نجار کے قتل کے معاملے میں بھارت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے، تو میجر اوتار سنگھ اور قانون دان جلیل اندرابی کا ذکر لازمی تھا۔