Category: فوکس

  • مغربی بنگال پر قبضہ کا بی جے پی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا ؟

    مغربی بنگال پر قبضہ کا بی جے پی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا ؟

    ابوسعود

    بہار میں غیرمتوقع کامیابی کے بعد اب بی جے پی نے پڑوسی ریاست مغربی بنگال پر قبضہ کرنے کے لئے کمر کس لی ہے ۔اس کے لئے وہ گزشتہ دودہائی سے محنت کررہی ہے جس کا پھل اسے 2019 کے لوک سبھا انتخات میں اس وقت ملا جب اس نے لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے ریاست میں پہچان بنائی ، اپنے وجود کو ثابت کیا، ریاست پر گرفت مضبوط کرتے ہوئے اپنی پارلیمانی سیٹوں کی تعداد 2014 کی 2سے بڑھاتے ہوئے 18 کردی اورحکمراں آل انڈیا ترنمول کانگریس کو سخت ٹکردی جسے 42میں سے صرف 22سیٹیں ملیں ۔اسی الیکشن میں کمیونسٹ پارٹیوں کا صفایا ہوگیا اورکانگریس کو صرف 2سیٹوں پر قناعت کرنی پڑی ۔
    تقریبا دودہائی کی محنت رنگ لانے اوراتنی بڑی کامیابی سے بی جے پی کے حوصلے کافی بڑھے ہوئے ہیں اورکیوں نہ بڑھیں ، جب اسے یہ کامیابی اپنے بل بوتے پر کسی اتحاد کے بغیر ملی ۔پارٹی نے ایک طرح سے اسی وقت حکمراں ترنمول کانگریس اورریاست کی وزیر اعلی ممتابنرجی کے لئے خطرے کی گھنٹی بجادی تھی ۔کیونکہ بی جے پی کو صرف 18سیٹیں نہیں ملی تھیں بلکہ 40 فیصد ووٹ بھی ملے تھے ۔ اس طرح اسے ترنمول کانگریس سے صرف 4سیٹیں کم اور3فیصد ووٹ کم ملے تھے ۔ ظاہر سی بات ہے کہ جس پارٹی کو کسی الیکشن میں حکمراں جماعت کے ساتھ سیدھی ٹکڑ میں نصف سیٹیں اور40فیصد ووٹ مل جائیں وہ اگلے الیکشن میں ریاست میں اقتدار کی دعویدار بن جاتی ہے اوراس وقت پارٹی یہی سوچ کر ریاست میں محنت کررہی ہے ۔پارٹی کے بڑے بڑے لیڈروں کے دورے ہورہے ہیں جو ریاست میں زمین پر کام کرنے والے لیڈروں کی رہنمائی بھی کرتے ہیں اوروہاں جاکر آگے کی حکمت عملی تیار کرنے میں ان کی مدد بھی کرتے ہیں ۔
    بی جے پی مغربی بنگال فتح کرنے میں کس قدر سنجیدہ ہے ا س کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ پارٹی کے جنرل سکریٹری اورمغربی بنگال کے امور کے انچارج کیلاش وجے ورگیہ مسلسل وہاں ڈیرہ ڈالے ہوئے ہیں ۔ وہ ریاست سے باہر جاتے ہی نہیں ہیں ۔ ابھی بہار میں الیکشن ہوا تھا اورمدھیہ پردیش میں ضمنی اسمبلی انتخابات ہوئے تھے جہاں سے وہ تعلق رکھتے ہیں اورشیوراج سنگھ سرکار کی بہت بڑی آزمائش ہوئی تھی لیکن وجے ورگیہ کو ان دونوں انتخابات سے کوئی مطلب نہیں تھا ، وہ اپنے اسی ایک نکاتی ایجنڈے مغربی بنگال کو فتح کرنے پر کام کرتے رہے جس کی ذمہ داری پارٹی نے انہیں سونبی ہے ۔
    کرناٹک اورشمال مشرق کی ریاستوں پر قبضہ کے بعد بی جے پی کے نشانے پر مغربی بنگال ، اڑیسہ ، تمل ناڈو ، آندھرا پردیش ، کیرلا اوروہ تلنگانہ ہے جہاں حال ہی میں اس نے حیدرآباد کے بلدیاتی انتخابات میں بڑی کامیابی حاصل کی ۔ان تمام ریاستوں میں پارٹی کافی محنت کررہی ہے اورسنگھ پریوار کی مدد سے زمین پر کام کرکے لوگوں اورلیڈروں کو پارٹی سے جوڑ رہی ہے جو دیگر پارٹیاں نہیں کرتی ہیں ۔اسی لئے ان کے پیروں تلے سے زمین کھسکتی جارہی ہیں۔بی جے پی نے طویل مدتی پروگرام اورسوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت پورے ملک میں کمل کو کھلایا ہے اورآج ملک کی سب سے بڑی پارٹی بن گئی ہے جسے ٹکر دینے کی پوزیشن میں قومی سطح پر کوئی پارٹی نہیں ہے ، ریاستی اورعلاقائی سطح پر ضرورکوئی نہ کوئی پارٹی ہمیشہ رہی ہے اورآگے بھی رہے گی ۔
    مخلوط حکومت کے دور میں علاقائی پارٹیاں قومی پارـٹیوں کے لئے سب سے بڑا چیلنج رہی ہیں ۔ بی جے پی اب ’ایکلا چلو‘ کی پالیسی پر عمل کررہی ہے جب وہ خود ملک کی سب سے بڑی پارٹی بن گئی ہے ۔ایک دور ایسا بھی تھا جب اس نے علاقائی پارٹیوں کے سہارے اوران کے ساتھ ریاستی یا قومی سطح پر اتحاد کرکے ملکی سیاست پر اپنی گرفت مضبوط کی ۔کانگریس اوردیگر ایک دوجماعتیں ہی ہوں گی جن کے ساتھ بی جے پی نے اتحاد کرکے الیکشن نہیں لڑا ہو۔شروع سے بی جے پی کی یہ حکمت عملی رہی کہ وہ حالات سے سمجھوتہ کرتے ہوئے علاقائی پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کرکے آگے بڑھی پھر ان ہی علاقائی پارٹیوں کی جڑیں کھوکھلی کرکے ریاست پر قبضہ کیا۔بیجو جنتادل،شیوسینا ، اکالی دل ، پی ڈی پی ، لوک جن شکتی اورتازہ تازہ بہار میں جنتادل متحدہ اور آسام میں اتحادی پارٹی بدلنا ہے ۔
    بی جے پی سے جن پارٹیوں نے اتحاد کیا ، وہ کھوکھلی ہوئیں اوران کو نقصان پہنچا اورجب انہیں اس کا احساس ہوتاہے تواس وقت تک بہت دیر ہوچکی ہوتی ہے پھر وہ سنبھلنا بھی چاہیں تو ممکن نہیں ہوتا ۔بیجو جنتادل نے اس چیز کو بہت پہلے بھانپ لیا تھاتو وہ آج تک اپنے بل بوتے پر اقتدارمیں ہے ، شیوسینا بہت بعد میں سمجھ پائی اوربڑی مشکل سے خود کو سنبھالا ، بہار میں ایک چراغ سے بی جے پی نے تین شکار کرلئے ،اسی سے جنتادل متحدہ کی لنکا جلائی ،اپنا گھر روشن کیا اورپھر چراغ کو بجھادیا ۔اس طرح بہار اسمبلی انتخابات نے دوپارٹیوں جنتادل متحدہ اورلوک جن شکتی پارٹی کے لئے وجود کا مسئلہ پیدا کردیا ۔سیاست میں جو محاورہ سب سے زیادہ استعمال کیا جاتا ہے ،’’ کوئی ایسا سگا نہیں، جس کوہم نے ٹھگا نہیں‘‘ ، یہ بات سب سے زیادہ بی جے پی پر صادق آتی ہے ۔
    ترنمول کانگریس بھی ان ہی پارٹیوں میں سے ایک ہے جو کبھی بی جے پی کی اتحادی پارٹی ہوا کرتی تھی اورمغربی بنگال میں بی جے پی کے قدم مضبوط کرنے میں ممتابنرجی کا بہت بڑا رول رہاہے ۔ترنمول کانگریس کے سہارے ہی بی جے پی نے ریاست میں اپنا کھاتہ کھولا اورپہچان بنائی اورآج اسی کے سامنے چیلنج بن کر کھڑی ہوگئی ۔جب ترنمول کانگریس نے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کیا تھا تو اس کے پیش نظر ضرور یہ بات تھی کہ وہ اس کے سہارے کمیونسٹوں کا مضبوط قلعہ کو منہدم کرنے میں کامیاب ہوجائے گی جو کانگریس میں رہ کریا اس کے ساتھ اتحاد کرکے ممکن نہیں تھا لیکن بی جے پی کے پیشن نظر صرف ریاست میں اپنی پہچان بنانا ، وجود کو ثابت کرنا اورمستقبل میں سب کے لئے چیلنج بننا تھا ۔اوروہی ہوا وقتی طور پر ترنمول کانگریس کو فائدہ ہوا ۔ اس نے اتحاد کے سہارے نہ صرف ریاست میں کمیونسٹوں کا مضبوط قلعہ منہدم کرکے اقتدار پر قبضہ کرلیا بلکہ ان کا ایک طرح سے صفایا بھی کردیا۔ہوسکتا ہے کہ آگے حالات بدلیں تو ایک بارپھر ترنمول کانگریس اپنی ساکھ اورزمین بچانے کے لئے کانگریس اورکمیونسٹوں کے ساتھ اتحاد کرنے پر مجبور ہوجائے کیونکہ اگر بی جے پی کی پیش قدمی جاری رہی تو ایسا ہوسکتا ہے اورسیاست میں کچھ بھی ناممکن نہیں ہوتا۔سیاست کا یہی تو کمال ہے کہ کب دشمن دوست اوردوست دشمن بن جاتے ہیں ، کوئی نہیں جانتا اورسمجھتا۔
    ترنمول کانگریس ریاست میں اگر چہ اقتدار میں ہے ۔ان کی مقبولیت کے قریب اب بھی بی جے پی کا کوئی لیڈر چاہے دلیپ گھوش ہوں یا مکل رائے نہیں ہیں، لیکن اس بات سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ بی جے پی ریاست میں اتنی مضبوط ہوچکی ہے اوراس کی گرفت اس قدر بڑھ گئی ہے کہ اس کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا اوروہ اقتدار کی مضبوط دعودیدار بن گئی ہے ۔اس بات کو ترنمول کانگریس بھی سمجھ رہی ہے اوربی جے پی بھی ،سب سے بڑی بات یہ ہے کہ وہاں کے لوگ بھی سمجھ رہے ہیں ۔ تب ہی تو دونوں پارٹیوں کے کارکنان ولیڈران میں تشدد کی نئی لہر شروع ہوگئی ہے جو وہاں کی سیاست کی پرانی روایت رہی ہے ۔کارکنوں کو لڑایا جاتا ہے اوراس پر سیاسی روٹیاں سینکی جاتی ہیں ۔ بی جے پی کے صدر جگت پرکاش نڈا کے قافلہ پر مبینہ حملے پر جس طرح مرکزی حکومت اورممتاسرکار آمنے سامنے ہوئی ہیں اوردونوں اپنے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے دبائو کی پالیسی پر عمل کررہی ہیں اس پر کسی کو حیرت نہیں ہے ۔
    بی جے پی کے صدر پر مبینہ حملے کے بعد بی جے پی نے جس طرح لااینڈآرڈر کا مسئلہ اٹھایا ، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بیان دیا اوران کی وزارت نے ممتاسرکار اورگورنر سے رپورٹ طلب کی ۔اس پر گورنر نے تو حسب معمول اپنی رپورٹ بھیجنے اورممتاسرکار کے خلاف بیان دینے میں ذرا بھی دیر نہیں کی لیکن جس طرح ممتاسرکار نے رپورٹ بھیجنے ، کابینہ سکریٹری ، انسپکٹر جنرل آف پولیس کو مرکزی وزارت داخلہ کو جواب دینے کے لئے بھیجنے اورتین آئی پی ایس افسران کا ڈیپوٹیشن پر بھیجنے کاحکم ماننے سے انکار کیا ، اس سے صاف پتہ چلتا ہے کہ مرکزی سرکار ترنمول کانگریس سرکار کے سامنے زمین تنگ کرنے کی پوری کوشش کررہی ہے ۔وہیں ممتا سرکار اپنے حدود میں رہتے ہوئے آنکھیں دکھارہی ہیں اورکسی بھی حال میں مرکز کے سامنے جھکنے کو تیار نہیں ہے۔یہ رسہ کشی پہلے بھی ہوتی تھی لیکن اب الیکشن کے پیش نظر کچھ زیادہ ہی ہورہی ہے ۔
    دراصل بی جے پی کی کوشش ہے کہ اسمبلی الیکشن کے بعد کیا اس سے پہلے ہی ریاست میں ترنمول کانگریس کی حکومت ختم ہوجائے اورصدرراج لگ جائے یعنی چور دروازے سے بی جے پی کی حکومت میں وہاں اسمبلی انتخابات ہوں جو ممتا بنرجی کسی بھی حال نہیں ہونے دیں گی۔صدر راج لگانے کے لئے ٹھوس بنیاد کی ضرورت ہوتی ہے صرف گورنر کی رپورٹ کافی نہیں ہے ، وہ بھی ایسے گورنر کی رپورٹ جو بھیجتے ہی رہتے ہیں ۔ وہ اپنی آئینی ذمہ داری نبھانے اورریاستی حکومت سے تعلقات خوشگوار رکھنے کے بجائے ہمیشہ اس کے خلاف ہی رہتے ہیں ۔ اسی لئے ریاستی سرکار سے زیادہ راج بھون کے رول پر انگلیاں اٹھتی ہیں ۔
    ممتاسرکار کی پریشانی یہ ہے اسے بیک وقت دوطرفہ لڑائی لڑنی پڑرہی ہے ۔ حکومت کی سطح پر مرکز اورراج بھون سے اورزمین پر بی جے پی کے لیڈروں اورکارکنان سے ۔آگے اس سے بھی بڑاچیلنج ممتا سرکار کے سامنے آنے والا ہے جب بی جے پی فرقہ پرستی کی سیاست کو ہوا دے گی جس کا آغاز این آرسی کے تعلق سے پارٹی کے لیڈروں کے بیانات سے ہوچکا ہے ۔بی جے پی یہ بات بخوبی جانتی ہے کہ مغربی بنگال بہت حساس ریاست ہے ۔وہاں ہندو۔ مسلم کارڈ کھیلنے کے لئے زمین بھی تیار ہے بس اس کو مہم کی شکل دینا باقی ہے ۔آسام کی طرح وہاں بھی بنگلہ دیشی دراندازی ، این آرسی ، این پی آر اورسی اے اے کے ایشوز کے ذریعہ ماحوال کو خراب کیا جاسکتا ہے اورسماج کو فرقہ وارانہ بنیاد پر تقسیم کرکے اقتدارپر قبضہ کے لئے ضروری ووٹ حاصل کئے جاسکتے ہیں۔لوک سبھا انتخابات میں وہ 40 فیصد ووٹ حاصل کرچکی ہے ۔ تھوڑا ووٹ حاصل کرلے یا مخالف ووٹوں کو تقسیم کرادے تو ایک اوربڑی ریاست پر قبضہ کا اس کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے ۔
    ہم کہہ سکتے ہیں کہ لوک سبھا انتخابات اوراسمبلی انتخابات کے ایشوز الگ الگ ہوتے ہیں اورضروری نہیں ہے کہ جو لوک سبھا الیکشن میں جیتے وہ اسمبلی الیکشن میں بھی جیت جائے یا اس کے برعکس لیکن کچھ نہ کچھ عکس ایک الیکشن کا دوسرے الیکشن پر ضرور نظر آتا ہے اوراس کو نظر انداز نہیں کرسکتے ۔بی جے پی کے آج جو حوصلے بلند ہیں اورریاست کے اقتدار پر قبضہ کا خواب دیکھ رہی ہے ، وہ لوک سبھا الیکشن میں زبردست کامیابی کا ہی اثر ہے ۔ممتا بنرجی کو بھی کہیں نہ کہیں اس کا ڈرتو ہوگاہی ۔یہ بات تو وہ بھی اچھی طرح سمھتی ہے کہ اگرچہ اسمبلی میں اسے دوتہائی اکثریت حاصل ہے اورجس بایاں محاذ سے اس نے اقتدار چھینا تھا وہ اب مقابلہ میں کہیں بھی نہیں ہے بلکہ اسے اپنے وجود کو برقراررکھنے کے لئے خود ہی کسی اورپارٹی کے سہارے یا اس کے ساتھ اتحاد کی ضرورت پڑرہی ہے لیکن بی جے پی بہت بڑا چیلنج بن کر سامنے آگئی ہے۔2016کے اسمبلی انتخابات سے اب تک حالات بہت کچھ بدل چکے ہیں اوراس کا ایک نمونہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں دیکھنے کو مل چکا ہے ۔
    مغربی بنگال میں مسلم آبادی 25فیصد سے زیادہ ہے یعنی ہر چوتھا ووٹر مسلم ہے ۔مسلمان وہاں ہر الیکشن میں فیصلہ کن رول ادا کرتے رہے ہیں ۔ جب تک مسلمان کمیونسٹ پارٹیوں کے ساتھ رہے، کمیونسٹ پارٹیاں جتتی رہیں لیکن جیسے ہی وہ ترنمول کانگریس سے جڑے ممتابنرجی اقتدار میں آگئیں ۔اس وقت بھی ممتابنرجی کا بہت بڑا ووٹ بینک مسلم آبادی ہی ہے ۔بی جے پی اپنی سیاست کا محور بھی اسی مسلم آبادی کوبنا رہی ہے۔ ممتابنرجی جتنی مثبت سیاست کریں گی بی جے پی اتنی ہی منفی سیاست کرکے لوگوں کو جوڑنے کی کوشش کرے گی۔ممتاسرکار کو کمیونسٹوں اورکانگریس کے اتحاد سے اتنا خطرہ نہیں ہے ۔ان کی زمین کھسک چکی ہے اورایک دوسرے کے ووٹ بھی ٹرانسفر نہیں ہوتے ۔ہوسکتاہے کہ اس اتحاد کی بدولت وہ اپنے وجود کو برقرار رکھنے میں کامیاب ہوجائیں لیکن اس کا امکان بہت کم ہیں کہ وہ کنگ میکر بن جائیں ۔ اصلی لڑائی مسلم اکثریتی حلقوں میں ہوگی جن کی تعداد 125بتائی جاتی ہے ۔ پچھلے اسمبلی انتخابات میں ان میں سے 90سیٹیں ترنمول کانگریس کو ملی تھیں جبکہ اس سے پہلے 2011کے اسمبلی انتخابات میں وہ 95 سیٹوں پر جیتی تھی لیکن اب حالات کافی بدل چکے ہیں۔
    بہاراسمبلی انتخابات میں پانچ مسلم اکثریتی سیٹوں پر کامیابی سے حوصلہ پاکر اسدالدین اویسی کی پارٹی مجلس اتحادالمسلمین نے اب مغربی بنگال میں بھی پرچم لہرانے اوروہاں 70 امیدوار کھڑے کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ بہار میں پارٹی کے صرف 20امیدوار انتخابی میدان میں تھے جن میں سے پانچ کامیاب ہوئے اب اگرمغربی بنگال میں 70امیدوار کھڑے ہوئے تو بڑے پیمانے پر نتائج پر اثر انداز ہوسکتے ہیں ۔پارٹی نے بڑی ہوشیاری سے ایک طرف جہاں اپنے امیدواروں کی تعداد بتادی وہیں ترنمول کانگریس کی طرف اتحاد کا ہاتھ بھی بڑھادیا تاکہ اتحاد کی بات آئے یا ہو تو زیادہ سے زیادہ سیٹوں کے لئے دبائو ڈال سکے ۔ممتابنرجی نے ابھی تک اویسی کے اعلان پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے حالانکہ پارٹی کے دوسرے لیڈروں نے ضرور کہا ہے کہ ریاست میں مجلس کاکوئی وجود نہیں ہے ۔
    بنگال میں مجلس اتحاد المسلمین کا داخلہ بی جے پی کا کام آسان کر سکتا ہے۔ بی جے پی علی الاعلان ایک کٹر ہندو پارٹی ہے، اگر اس کے سامنے کوئی مبینہ کٹر مسلم پارٹی آجائے تو اس کا ڈر دکھا کر وہ بہ آسانی دوسری پارٹیوں کو جانے والے سیکولر ووٹوں کو اپنے حق میں موڑ سکتی ہے۔ اگر مجلس کا اتحاد ترنمول کانگریس کے ساتھ نہیں ہوتا ہے اورمسلم اکثریتی حلقوں سے کچھ اورپارٹیوں سے یا آزاد مسلم امیدوار بڑی تعداد میں کھڑے ہوتے ہیں تو اس کا سیدھا فائدہ بی جے پی کو ہوگا اورنقصان ترنمول کانگریس کو۔مسلم ووٹوں کو متحد رکھنے کی جتنی ذمہ داری مسلمانوں کی ہے اتنی ہی ترنمول کانگریس کی ہے ۔بی جے پی نے اپنا کھیل شروع کردیا ہے بلکہ بہت پہلے سے کھیل رہی ہے اب ممتابنرجی کی باری ہے کہ وہ 90-95سیٹیں مسلم اکثریتی حلقوں سے حاصل کرتی تھیں،انہیں کس طرح برقرار رکھتی ہیں۔اگروہ اس میں کامیاب ہوگئی تو ان کی حکومت بچ جائے گی ورنہ یہی مسلم حلقے بی جے پی کو اقتدار کی دہلیز پر پہنچادیں گے ۔مسلم ووٹ متحد رہے تو وہ جس کو ووٹ دیتے ہیں ، وہ پارٹی کامیاب ہوتی ہے لیکن اگر وہ تقسیم ہوئے تو ضائع ہوجاتے ہیں اوراس صورت میں بی جے پی کے امیدوار کامیاب ہوجاتے ہیں ۔
    ترنمول کانگریس کے پاس ریاستی حکومت ہے تو بی جے پی کے پاس مرکزی سرکار ۔ ظاہر سی بات ہے کہ دونوں ہی انتخابی عمل پر اثر انداز ہونے کی پوری کرشش کریں گی ۔وہاں تشدد کی نئی لہر کے بعد جس طرح بی جے پی کے سینئر لیڈراورالیکشن کمیشن کے دورے ہورہے ہیں۔ترنمول کانگریس کی مشکلات بڑھ سکتی ہیں ۔اسے کئی محاذوں پر لڑنا پڑسکتا ہے ۔لااینڈآرڈر کوقابومیں رکھنا سب سے بڑا مسئلہ بن سکتا ہے ۔ الیکشن میں ترنمول کانگریس کو نہ صرف بی جے پی سے مقابلہ کرنا ہوگا بلکہ مجلس اتحاد المسلمین اورکانگریس وکمیونسٹ اتحاد بھی اس کے سامنے چیلنج بنیں گے ۔ جتنی زیادہ پارٹیاں اورامیدوار میدان میں ہوں گے بی جے پی کو اتنا ہی فائدہ ہوگا ۔اس لئے بہت پھونک پھونک کر قدم اٹھانے اورفیصلہ کرنے کی ضرورت ہے۔زیادہ وقت نہیں ہے ، اگلے سال اپریل اورمئی میں انتخابات ہوں گے ۔
    پچھلے اسمبلی انتخابات میں 90مسلم اکثریتی حلقوں میں کامیابی سے ترنمول نے 295 رکنی اسمبلی میں اپنی سیٹوں کی تعداد 211تک پہنچادی لیکن اس بار حالات بدل گئے ۔ 2011کے اسمبلی انتخابات میں صفر اور2016 کے اسمبلی انتخابات میں صرف 3سیٹیں جیتنے والی بی جے پی 2019کے لوک سبھا انتخابات 42 میں سے 18سیٹیں جیت کر خطرے کی گھنٹی بجاچکی ہے ۔بس ریاستی اقتدار پر قبضہ کرنا باقی ہے ۔ترنمول کانگریس کی معمولی غلطی اس پر بھاری پڑسکتی ہے اوربی جے پی اسی کوشش میں ہے ۔آئندہ ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ترنمول کانگریس اپنی حکومت بچانے اور بی جے پی اقتدار پر قبضہ کرنے میں کامیاب ہوں گی کہ نہیں ابھی کچھ نہیں ہوسکتا لیکن وہاں جس تیزی سے حالات بدل رہے ہیں ، کچھ بھی ہوسکتا ہے ۔ بہارکے انتخابات جس طرح ہوئے اوروہاں کے نتائج جیسے آئے ، مغربی بنگال میں بھی وہ کھیل دہرایا جاسکتا ہے۔
    ٭٭٭

    بی جے پی سے جن پارٹیوں نے اتحاد کیا ، وہ کھوکھلی ہوئیں اوران کو نقصان پہنچا اورجب انہیں اس کا احساس ہوتاہے تواس وقت تک بہت دیر ہوچکی ہوتی ہے پھر وہ سنبھلنا بھی چاہیں تو ممکن نہیں ہوتا ۔بیجو جنتادل نے اس چیز کو بہت پہلے بھانپ لیا تھاتو وہ آج تک اپنے بل بوتے پر اقتدارمیں ہے ، شیوسینا بہت بعد میں سمجھ پائی اوربڑی مشکل سے خود کو سنبھالا ، بہار میں ایک چراغ سے بی جے پی نے تین شکار کرلئے ،اسی سے جنتادل متحدہ کی لنکا جلائی ،اپنا گھر روشن کیا اورپھر چراغ کو بجھادیا ۔اس طرح بہار اسمبلی انتخابات نے دوپارٹیوں جنتادل متحدہ اورلوک جن شکتی پارٹی کے لئے وجود کا مسئلہ پیدا کردیا ۔سیاست میں جو محاورہ سب سے زیادہ استعمال کیا جاتا ہے ،’’ کوئی ایسا سگا نہیں، جس کوہم نے ٹھگا نہیں‘‘ ، یہ بات سب سے زیادہ بی جے پی پر صادق آتی ہے ۔

  • سنکیانگ: عرب دنیا کی خاموشی!

    سنکیانگ: عرب دنیا کی خاموشی!

     

    سنکیانگ، ایغور خود مختار علاقے میں چینی حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر شہریوں کی نظربندی کا جو پروگرام جاری ہے، اس پر بحث کا اہم نقطہ ’’عرب حکومتوں‘‘کی خاموشی بھی ہے۔قطر واحد عرب ملک ہے جس نے پندرہ لاکھ مسلمان اقلیتوں کونام نہاد Re-education Campsـ کے نام پر چینی حکومت کی جانب سے نظربند کرنے پر تنقید کی ہے۔ دوسری جانب سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے چین کے اس اقدام کی انسدادِ دہشت گردی کی پالیسی کے ایک حصے کے طور پر توثیق کی ہے۔
    کچھ مبصرین عرب دنیا کے اس رویے کو خطے میں چین کے معاشی اثرورسوخ سے منسوب کرتے ہیں۔اس مضمون میں مبصرین کی اس رائے کو چیلنج نہیں کیا جا رہا ہے، بلکہ خطے میں چین کے معاشی کردارکی موجودہ تفہیم اور’’سافٹ پاور‘‘کے ذریعے مفادات کے حصول کی تفہیم کی تکمیل کر نے کی کوشش کی گئی ہے۔’’سافٹ پاور‘‘کی یہ مہم اسلامی اداروں اور چینی حکومت کے زیر اثر چلنے والے عربی زبان کے نشریاتی چینلوں کے ذریعہ چلائی جاتی ہے۔اس مہم میں مرکزی کردار ’’چینی اسلامک ایسوسی ایشن‘‘ادا کرتی ہے۔
    اس مضمون میں بیجنگ کی جانب سے مسلمانوں کی نگرانی میں اضافے کے بعد سے ہونے والے تین بڑے واقعات کے بعد چینی اسلامک ایسوسی ایشن کی سرگرمیوں کی چینی حکومت کے زیر نگرانی چلنے والے عربی چینل پرکوریج ہے۔
    پہلا واقعہ ۲۰۰۹ء میں ارومچی فسادات کا ہے، جس میں دو سو(۲۰۰) لوگ مارے گئے۔ دوسرا واقعہ یکم مارچ ۲۰۱۴ء کو مبینہ طور پر ایغور کی جانب سے چاقو کے ذریعے حملے کا ہے، جس میں ۳۰ افراد ہلاک اور ۱۰۸؍افراد زخمی ہوئے تھے۔ اور تیسرا خود بڑے پیمانے پر جاری نظربندی کاپروگرام ہے، جو کہ ۲۰۱۷ء سے جاری ہے۔
    جیسا کہ اس مضمون میں اس بات کا تجزیہ کیا گیا ہے کہ کس طرح چینی اسلامک ایسوسی ایشن کے ریاستی نمائندوں نے عربی سامعین کے لیے سنکیانگ کے معاملے پر تین جہتی بیانیہ تشکیل دیا ہے۔ اس بیانیے میں چینی اسلام کی انفرادیت کا دفاع،غیر ملکی مداخلت کا خدشہ اور حج پالیسی میں کردار،ساتھ ساتھ مسلمان رہنماؤں اور اداروں سے تبادلہ خیال شامل تھے۔
    چینی اسلامک ایسوسی ایشن کی ابتدا:
    چینی اسلامی ایسوسی ایشن کی بنیاد ۱۹۵۳ء میں سنکیانگ کے پہلے گورنر برہان شاہدی نے ڈالی تھی۔ان دنوں کمیونسٹ حکومت اپنی رِٹ قائم کرنے کے لیے مذہبی عدالتوں کو زبردستی ’’پیپلز کورٹ‘‘میں تبدیل کر رہی تھی،ایسے وقت میں یہ مسلمانوں کی واحد قانونی انجمن تھی۔
    ۱۹۶۶ء میں ماؤزے تنگ کی حکومت نے ’’ثقافتی انقلاب‘‘ کا آغاز کیا، جس کے نتیجے میں نہ صرف ملک افراتفری کا شکار ہو گیا بلکہ ریاست کے اقلیتوں سے تعلقات بھی نہایت خراب ہو گئے۔چینی حکومت نے مسلمانوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنا یا،ان کی مساجد کو شراب خانوں میں تبدیل کر دیا گیا، مسلمان علما کو کھلے عام خنزیر کا گوشت کھانے پر مجبور کیا گیا۔بہت سے مسلمانوں کو چینی ’’ریڈ گارڈز‘‘نے تشدد کر کے جاں بحق کر دیا ۔پورے ملک میں مسلمانوں کی مقامی انجمنوں کا خاتمہ کر دیا گیا۔ ماؤزے تنگ نے مذہب کو پسماندگی اور توہم پرستی قرار دے دیا۔۱۹۷۶ء میں ثقافتی انقلاب کا اختتام ہوا تو چین پوری دنیا میں تنہا ئی کا شکار ہو چکا تھا،اور سوویت یونین کے ساتھ اس کے تعلقات دن بدن خراب ہوتے جا رہے تھے۔
    سوویت یونین کے ساتھ چین کی جغرافیائی اور سیاسی رقابت نے چینی اسلامی ایسوسی ایشن کی سرگرمیوں کے بین الاقوامی سطح پر وسعت دینے میں اہم کر دار ادا کیا۔۱۹۷۹ء میں افغان سرزمین پر سوویت حملے نے بیجنگ کو خبر دار کر دیا۔ چینی پالیسی سازوں کو لگا کہ روس چین کو گھیرے میں لینے کی کوشش کر رہا ہے۔سوویت یونین کی پیش قدمی کا خوف اس قدر تھا کہ چین نے خفیہ آپریشن کے ذریعے افغان مجاہدین کو اسلحہ اور گولہ بارود فراہم کرنا شروع کر دیا۔دوسری جانب سوویت حملے نے چین کو یہ موقع فراہم کر دیا کہ وہ داخلی اوربین الاقوامی سطح پر اپنے آپ کو مسلم دنیا کا اتحادی ثابت کر سکے۔۵ جنوری ۱۹۸۰ء کو چینی اسلامی ایسوسی ایشن کی جانب سے بیان دیا گیا کہ ’’افغان عوام کے ساتھ ہمارے قریبی تعلقات ہونے کی وجہ سے ہم سوویت یونین کے افغانستان پر حملے کو برداشت نہیں کریں گے‘‘۔ جنوری ۱۹۸۰ء میں اسلام آباد میں ہونے والی مسلم وزرائے خارجہ کی کانفرنس میں چین نے اسلامی ایسوسی ایشن کے ذریعے سوویت یونین کے خلاف لابنگ کی اور مسلمان ممالک کو یہ باور کرایا کہ مسلمان ممالک اگر سوویت یونین کی مخالفت نہیں کریں گے تو ہو سکتا ہے کہ ماسکو کا اگلا ہدف کوئی اور مسلم ملک ہو‘‘۔
    بیجنگ نے مسلم اکثریتی ممالک کے سامنے اپنی امیج بہتر کرنے کے لیے سنکیانگ کے مسلمانوں پر سے کچھ پابندیاں بھی اٹھائیں۔ثقافتی انقلاب کے دور میں لگنے والی پابندی کے بعد سنکیانگ اسلامک ایسوسی ایشن کو پہلی مرتبہ اپنا اجلاس بلانے کی اجا زت دی گئی۔ایغور زبان میں عربی حروف تہجی کو بحال کیا گیا۔اس کے علاوہ ہزاروں مساجد کو کھول دیا گیا اور ’’ورلڈ مسلم لیگ‘‘کے تعاون سے بہت سی مساجد کی ازسر نو تعمیر کی گئی۔
    ۲۰۱۳ء میں ’’بیلٹ اینڈ روڈ‘‘منصوبے کے آغاز کے بعد وسط ایشیائی ممالک اور پوری مسلم دنیا سے اپنے تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے مسلم سافٹ پاور کو تیزی سے فروغ دیا گیا تاکہ ان ممالک سے وہ اپنی توانائی اورتجارتی ضروریات کو پورا کر سکے۔ بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی اور تیل کے بڑے ذخائر کے تناظر میں دیکھا جائے تو عرب ممالک چین کے لیے تزویراتی اہمیت کے حامل ہیں۔
    اسلام کو چینی ثقافت میں ڈھالنے کا عمل
    ۲۰۱۸ء میں چینی اسلامک ایسوسی ایشن کونہ صرف چین کے تمام عربی چینلوں بلکہ الجزیرہ چینل نے بھی اپنی شہ سرخیوں میں جگہ دی، جب اس تنظیم کے سربراہ Yang Famming نے بیجنگ میں ’’نیشنل پیپلز کانگریس‘‘ کے مشاورتی بورڈ سے خطاب میں مقامی مسلمانوں کو ’’اسلامائیزیشن‘‘ اور غیر ملکی مداخلت کے بارے میں متنبہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ مسلما ن مقامی رسم و رواج کے مطابق اپنے آپ کو ڈھالنے کی کوشش کریں،کیوں کہ چینی اسلام اپنی ایک طویل تاریخ رکھتا ہے۔
    Yang Famming کی تقریر کو جس طرح سے غیر معمولی کوریج دی گئی، اس سے یہ اندازہ لگایا گیا کہ آنے والے برسوں میں چینی اسلامک ایسوسی ایشن کو مسلمانوں کو پیغام دینے کے لیے بڑے پیمانے پر استعمال کیا جائے گا۔اور اسلام کے چینی ماڈل کو تنظیمی نظریات کے ساتھ مربوط کیا جائے گا اور غیر ملکی اثرورسوخ کی بھرپور مخالفت کی جائے گی۔ ژی ژنگ کے دورِ حکومت میں ۲۰۱۶ء کے بعد سے ملک کے تمام مذاہب کو ’’چینی طرز‘‘پر ڈھالنے کی مہم میں غیر معمولی تیزی لائی گئی۔اس مہم کا بنیادی مقصد چینی اسلام اور عرب دنیا کے اسلام میں موجود مسابقت کو کم سے کم کرنا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ مساجد کے گنبدوں کو چینی طرز تعمیر میں تبدیل کر دیا گیا۔مذہب کو چینی طرز پر ڈھالنے کے عمل میں اور بھی بہت سی چیزیں شامل تھیں۔جیسےکہ مساجد کی داخلی گزرگاہوں پر چین کے جھنڈے لگانا،مذہبی رسوم پر پابندیاں،تدفین کے مذہبی طریقے پر پابندی،کاروبار میں اسلامی شناخت ظاہر کرنے والے عوامل کی روک تھا م وغیرہ۔
    عرب عوام کے لیے بیانیے کی تشکیل میں چین نے محتاط رویہ اختیار کرتے ہوئے اپنی مہم کو چھپاکر جاری رکھا، اس کے ساتھ ساتھ ایغور کےمسلمانوں پر ظلم و ستم کو بھی منظر عام پر آجانے سے بچانےکے لیے ہر ممکن کو شش کی گئی۔ ایغور کے مسلمانوں کی شناخت کو تبدیل کرنے کے عمل سے انھیں خطے کے بقیہ مسلمانوں سے الگ کر دیا گیا تاکہ عرب دنیا کے لوگ ایغور کے مسلمانوں کو مظلوم نہ سمجھیں۔اسی طرح چینی حکومت نے غیرملکی غیر سرکاری تنظیموں کو محدود کرنے کے لیے لازم کر دیا کہ وہ حکومتی ریگولیٹری اتھارٹی سے اپنے آپ کو رجسٹر کروائیں۔
    ۵ جولائی ۲۰۰۹ء میں ارومچی میں ہونے والے فسادات کے بعد حکومت کی حکمت عملی کھل کر سامنے آئی۔۸ جولائی کو چین کے بڑے اخبار ’’پیپلز ڈیلی‘‘ نے چینی اسلامک ایسوسی ایشن کے صدر Chen Guangyuan المعروف ہلال دین کا انٹرویو چھاپا،جس میں انھوں نے حملہ کرنے والوں کو فسادی قرار دیا اور اس عمل کو اسلام کی روح کے خلاف قرار دیا اور کہا کہ یہ عمل قابل معافی نہیںہے۔ اس کے ساتھ انھوں نے ان فسادات میں غیر ملکیوں کے ملوث ہونے کا بھی ذکر کیا۔ ۱۷ جولائی کو اسی اخبار نے تنظیم کے نائب صدر کا انٹرویو شائع کیا، جس میں انھو ں نے مساجد بند کرنے کے حکومتی اقدام کو اسلامی قوانین(جنگ اور وبائی امراض کے حوالےدے کر) کے مطابق قرار دیا۔ پانچ دن بعد ہی تنظیم کے ایک اور عہدیدار کا انٹرویو شائع کیا گیا، جس میں انھوں نے حکومت کے مذہبی زندگی کے حوالے سے ۲۰۰۶ء کے قوانین کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
    ۲۰۰۹ء میں اخبار ’’پیپلز ڈیلی‘‘ نے اپنے طریقہ کار سے ہٹ کر ایک کالم کا عربی ترجمہ شائع کیا، جو دراصل ایک پروپیگنڈا کالم تھا،جس میں بتایا گیا تھا کہ کس طر ح چینی اسلامک ایسوسی ایشن نفرت انگیز مواد کا خاتمہ کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہاہے اور ایغور مسلم نوجوان اس کا م کی مکمل حمایت کر رہے ہیں اور معاشرے سے عسکریت پسندی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے معاشرے کے تمام طبقے متحد ہیں۔
    اگلے برس مئی میں ایک دفعہ پھر ’’پیپلز ڈیلی‘‘ میں چینی اسلامک ایسوسی ایشن کا بیان شائع ہوا، جس میں تنظیم نے American International Religious Freedom Committee کی جانب سے چینی مسلمانوں پر حکومتی تشدد کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہوں کی مذمت کی تھی۔ Chen جسے مقامی اما م ظاہر کیا گیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ امریکی ادارہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے حوالے سے منافقانہ رائے رکھتا ہے۔ امام صاحب کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے افراتفری پھیلائی وہ مسلمانوں کی نمائندگی نہیں کرتے اور چینی مسلمان ان انتہاپسندوں کے خلاف حکومت کے ہر اقدام کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔اس طرح کالم مختلف مواقع پر پیپلز ڈیلی میں چھپتے رہے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ اس اخبار کے عربی شمارے میں بھی یہ پروپیگنڈا جاری رہاہے۔ کچھ عرصے بعد چینی اسلامی ایسوسی ایشن نے مقامی مسلمانوں میں حب الوطنی کے جذبے کو ابھارنے کے لیے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے مختلف قسم کے لٹریچر کا مقامی زبان میں ترجمہ کیا اور مقامی مسلمانوں کو اس بات پر مجبور کیا گیا کہ وہ ان تراجم سے رہنمائی حاصل کریں۔اور آئندہ بھی اس قسم کے تراجم وغیرہ شائع کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا۔
    حج ڈپلومیسی:
    چینی اسلامک ایسوسی ایشن ۱۹۵۵ء سے ہر سال حج کے انتظامات وغیرہ کا اہتمام کرتا ہے اور ہر سال گزشتہ برس کی کامیاب سرگرمیوں کی رپورٹ بھی شائع کرتاہے۔ جس میں حاجیوں کی تعداد ان کی فلائٹو ں کی تعداد اور ان کو دی جانے والی سہولیات کا بھی ذکر ہوتا ہے،اور ساتھ ساتھ حکومتی اقدامات کی تعریف بھی کی جاتی ہے۔جس سال ارومچی میں فسادات ہوئے اس کے اگلے سال جو رپوٹ شائع ہوئی اس میں اس بات کا خاص طور پر ذکر کیا گیا تھا کہ مخصوص علاقے سے حاجیوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔
    پیپلز ڈیلی نے چینی اسلامی ایسوسی ایشن کی حج سرگرمیوں کو بڑھا چڑھا کر اپنے اخبار میں جگہ دی اوراس کے ساتھ ساتھ نیشنل جیوگرافک اور China International Movie TV-Center نے مل کر چینی مسلمانوں کے حج کے سفر پر ایک دستاویزی فلم تیار کی، جس میں چینی حکومت کے اقدامات اور ایغور مسلمانوں کو دی جانے والی سہولیات کا ذکر تھا اور اس دستاویزی فلم کی پیپلز ڈیلی نے بھر پور تشہیر کی۔ اس دستاویزی فلم کو خصوصی طور پر اس دن ٹیلی ویژن پر دکھایا گیا جو کہ حضرت محمدﷺ کا یوم پیدائش تھا۔ ۲۰۱۷ء تک تو چینی اسلامک ایسوسی ایشن کی یہ مہم بغیر کسی تنقید کے جاری رہی لیکن ۲۰۱۷ء کے بعد ایک عربی اخبار میں ایک کالم شائع، جس میں حج پر جانے والے ایغور مسلمانوں نے چینی حکومت کی طرف سے گلے میں ٹریکر لگائے جانے پر احتجاج ریکارڈ کروایا تھا۔جس کا چینی اسلامک ایسوسی ایشن نے یہ کہہ کر جواب دیا کہ یہ ٹریکر حفاظتی اقدامات کے تحت لگائے گئے تھے۔
    مسلم رہنماؤں اور اداروں کے وفود کے تبادلے:
    ایسوسی ایشن مسلم رہنماؤں اور اداروں کے ساتھ باضابطہ طور پرتبادلوں کا اہتمام بھی کرتا ہے۔عرب دنیا سے آئے مختلف رہنما جب چین آتے ہیں تو یہاں کے مسلمانوں سے ملاقات کے وقت چینی ایسوسی ایشن کے عہدیدار خاص طور پر ساتھ موجود رہتے ہیں، تاکہ وہ چین کی بہتر امیج پیش کر سکیں۔ دوسری صورت میں یہی مسلم رہنما چین کے سب سے بڑے نقاد ہو سکتے تھے۔ ۲۰۰۹ء ارومچی فسادات کے بعد پہلا دورہ اسلامی تعاون تنظیم کے نمائندوں نے کیا تھا۔ ۵۷ مسلمان ملک اس تنظیم کے ارکان ہیں۔ فسادات کے بعد اسلامی تعاون تنظیم نے اعلیٰ سطح کا ایک وفد سفارت کار قاسم المصری کی قیادت میں چین روانہ کیا۔ وہاں اس وفد نے بیجنگ، سنکیانک اور نینگ شیا کا دورہ کیا۔ وہاں حکومتی اہلکاروں کے علاوہ چینی اسلامی ایسوسی ایشن کے سربراہ Chen Guangyuan سے بھی ملاقات کی۔
    چینی اسلامی ایسوسی ایشن کے نائب صدر’’یانگ کیبو‘‘ نے اکتوبر ۲۰۰۹ء میں ’’پیپلز ڈیلی‘‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے عرب مسلمانوں کے ساتھ وفود کے تبادلوں کے نتیجے میں بننے والے تعلقات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ ان میں سعودی عرب، کویت اور مصر کے ساتھ وفود کے تبادلوں کا ذکر بھی کیا گیا تھا۔ یانگ نے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ تنظیم کی جانب سے اب تک ۴۰ طلبہ کو سعودی عرب پڑھنے کے لیے بھیجا جا چکا ہے۔ اور بہت سے طلبہ نے سعودی عرب میں مقابلہ حسن قرأت میں بھی حصہ لیا۔ یانگ نے اپنے انٹرویو میں Ningxia Islamic Food Expo،Hui Merchants’ Conference اور عربی خطاطی کی نمائش جیسے پروگرام منعقد کروانے پر چینی حکومت کی تعریف کی۔ یانگ کا کہنا تھا کہ یہ سرگرمیاں دو طرفہ تعلقات میں بہتری کا باعث بنتی ہیں۔
    کونمینگ حملوں کے بعد ’’سافٹ پاور‘‘ کی اس حکمت عملی میں مزید توسیع دی گئی۔حملوں کے دو ماہ بعد چینی اسلامی ایسوسی ایشن نے ارومچی میں ایک مذہبی کانفرنس کا انعقاد کیا، جس میں بین الاقوامی عہدیداروں سمیت عالمی اسلامی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ اس کانفرنس میں تنظیم کے صدر اور نائب صدر نے بھی تقاریر کیں۔اس کے کچھ عرصے بعد شاہ سلمان(جو اس وقت ولی عہد تھے)نے چین کا دورہ کیا۔اس دورے میں اس تنظیم کے لوگ شاہ سلمان کے ساتھ ساتھ رہے۔علاوہ ازیں ولی عہد نے تیس لاکھ ڈالر چین میں مساجد اور ثقافتی مراکز کی تعمیر کے لیے عطیہ بھی کیے۔
    ۲۰۰۹ء میں”Al-Ahram” اخبار نے ایک مضمون شائع کیا، جس میں چینی تنظیم اور جامعۃ الازہر کے درمیان ’’تبادلہ پروگرام‘‘ کی تعریف کی گئی تھی۔ جامعۃ الازہر مسلم دنیا کے معتبر ترین اداروں میں سے ایک ہے۔اس کالم میں چینی تنظیم کے سربراہ کے انتہا پسندی اور عسکریت پسندی کی مخالفت میں دیے جانے والے بیانات کی بھی تعریف کی گئی تھی۔اگست ۲۰۱۹ء میں چینی تنظیم کے سربراہ نے بیت اللہ کے امام شیخ عبدالرحمن السدیس سے بھی ملاقات کی اور حج کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔
    اختتامیہ:
    چین اور عرب کے مشترکہ مفادات کی اس دنیا میں ’’چینی اسلامی ایسوسی ایشن‘‘ سنکیانگ کے معاملے کو دبا کر رکھنے کے لیے چینی سافٹ پاور کے استعمال کانہ صرف ذریعہ ہے بلکہ سافٹ پاور کے استعمال کی بہترین مثال بھی ہے۔ اسلام کو چینی طرز پر ڈھالنے کا عمل، حج سفارت کاری، طلبہ اور دیگر وفود کے تبادلوں نے چین کی وہ امیج بنائی ہے، جو کہ معاشی سرگرمیاں تنہا نہیں کرسکتی تھیں۔ اگرچہ چینی سافٹ پاور نے عرب دنیا کو مکمل طور پر اپنی گرفت میں نہیں لیا ہے،تاہم وہ اس کے ذریعے اداروں اور بیوروکریسی کی سطح تک سرایت کر چکے ہیں اور سنکیانگ کے معاملے پر عرب دنیا کو خاموش کروانے میں کامیاب رہے ہیں۔
    (ترجمہ: حافظ محمد نوید نون)

  • سیلف ریلائنٹ یا خود مکتفی بننے کا نعرہ خود فریبی کے سوا کچھ نہیں !

    سیلف ریلائنٹ یا خود مکتفی بننے کا نعرہ خود فریبی کے سوا کچھ نہیں !

    عبدالباری مسعود

    وزیر اعظم نے12 مئی کو کوڈ کی عالمی وباء کے حوالے سے20 لاکھ کروڑ روپیئے کا ایک مالیاتی پیکیج کا اعلان کیا تھا اس کی اصل حقیقت کو حزب اختلاف نے آشکار کر دیا تھا کہ یہ نئی بوتل میں پرانی شراب کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔ تاہم اس اعلان کے ساتھ وزیر اعظم نے پہلی مرتبہ خود مکتفی یا خود انحصاری self reliant حاصل کرنے کا نعرہ بلند کیا تھا اور لوگوں پر زور دیا تھا کہ وہ مقامی اشیاء و مصنوعات کو ترجیح دیں (Go Vocal for Local) ۔ اب وہ اس نعرہ کی تکرار وقتاًْ فوقتاً کر رہے ہیں ۔ بالخصوص چین کے لداخ کی زمین پر قبضہ کے بعد اس نعرہ کی دھن کچھ زیادہ سنائی دینے لگی ہے ۔ لیکن اعداد و شمار اورٹھوس حقائق کی روشنی میں اس نعرہ کو پرکھاجائے تو یہ سابقہ نعروں کی طرح کھوکھلا اور خود فریبی میں مبتلا کرنے کے سواء کچھ نہیں ہے۔ کیونکہ انڈیا ہر معاملہ میں درآمدات پر منحصر ہے ۔
    یہ ایک مسلمہ اصول ہے کہ’’ کسی ملک کی دولت یا اثاثہ اس چیز پر منحصر نہیں ہوتا ہے کہ وہ ملک کیا پیدا کرتا ہے بلکہ اس چیز پر منحصر ہوتا ہے کہ وہ کتنی ایجادات اور اختراعات کرتا ہے۔‘‘ اس کا تعلق نہ کمپنیوں کی بیلنس شیٹ سے اور نہ ہی برآمدات کی مالیت کے حجم سے ہے بلکہ اس کا تعلق ایجادات ، علمی و تحقیقی کاوشوں intellectual property وغیرہ سے ہے جس پر آپ کا حق محفوظ ہوتا ہے۔
    دنیا کے کسی بھی ترقی یافتہ ملکوں میں دیکھیں گے کہ ان کی جامعات اور اعلی تعلیمی اداروں میں ایجادات ، اختراعات اور نئے موضوعات پر علمی و تحقیقی اور تخلیقی کام ہورہے ہیں۔ ان ہی تخلیقات innovation کی بدولت وہ ترقی کے منازل طے کرتے ہیں ۔ اسی لئےوہ اپنے اعلی تعلیمی داروں میں تحقیق و تخلیق کے شعبہ یا آر اینڈ ڈیResearch and Development پر کافی پیسہ خرچ کرتے ہیں۔ اگر انڈیا خود مکتفی بننا چاہتا ہے تو اسے ثانوی ذرائع علوم کے بجائے طبع زاد علوم کی طرف توجہ دینا ہوگی ۔ جامعات کا تعلیمی نظام آر اینڈ ڈی یا اختراعات یا انوویشن کے مرکز ہے۔ تاہم انڈیا میں تحقیق و اختراعات کے شعبہ پر مجموعی قومی اخراجات میں سے جی ڈی پی کا محض 0.7 فیصد ہی ایک عرصہ سے خرچ کیا جا رہا ہے اس میں برسوں سے کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے ۔
    چنانچہ وزیر اعظم نے ’آتم نربھر ابھیان ‘ کا توبگل بجا دیا لیکن اس کا کوئی لائحہ عمل نہیں بتایا۔ صنعتوں کو یہ تلقین کی کہ وہ تمام مصنوعات ملک میں بنائیں اور دنیا کے لئے بھی بنائیں( Made in India, Made for the World )۔ انڈیا کی دوسروں پر انحصار کی کیا حالت ہے اس کی تفصیلات یہاں پارلیمنٹ میں پیش کئےگئے اعداد و شمار، سرکاری جائزوں کے حوالے سے پیش کی گئی ہیں ۔
    ورلڈ بینک کے مطابق انڈیا کے تحقیق و اختراعات کی مد میں قومی اخراجات کا 0.7 فیصد کے مقابلے میں جنوبی کوریا 4.5 فیصد، جاپان 3.2 فی صد ، جرمنی 3.0 فی صد امریکہ 2.8 فی صد اور چین 2.1 فی صد رقم خرچ کرتے ہیں ۔ یہی انکی ترقی کا راز ہے۔ اسی طرح جب تحقیق و اختراعات کے شعبہ میں حکومت ، صنعتی و کاروباری اور اعلی تعلیم کے اداروں کی طرف سے پیسہ خرچ کرنے کا موازنہ کیاجائے تو اس محاذ پر انڈیا دیگر ملکوں سے بہت پیچھے ہے۔انڈیا کا صفر اعشاریہ سات فی صد کا بجٹ ایک عرصہ سےچلا آرہاہے۔ بطور مثال فرانس کی حکومت 13 فی صد ، کاروباری ادارے 65 فی صد اور اعلی تعلیم کے ادارے 21 فی صد پیسہ تخلیق و تحقیق پر خرچ کرتے ہیں جبکہ چین میں حکومت 15 فی صد ، کاروباری ادارے 78 فی صد اور اعلی ادارے سات فی صد خرچ کرتے ہیں ، یہی وجہ ہے کہ آج چین اختراعی مصنوعات کے معاملہ میں عالمی امام ہے ۔
    خود انحصاری کی راہ میں حائل ایک اور مشکل نقل و حمل کی بہت زیادہ لاگت ہے ۔ انڈیا اس معاملہ میں ترقی یافتہ ملکوں سے مقابلہ نہیں کرسکتا کیونکہ اس کا نقل و حمل پر جی ڈی پی کا 14فی صد حصہ خرچ ہوجاتا ہے ۔ اس کے برعکس امریکہ نقل و حمل پر 9.5 فی صد، جرمنی 8 فی صد ، جاپان 11 فی صد اپنے جی ڈی پی کا خرچ کرتا ہے۔ اگر نقل و حمل کی لاگت 14 فی صد ہوں گی تو اس صورت میں کونسی ملٹی نیشنل کمپنی انڈیا میں اپنی صنعتی اکائی لگانا پسند کرے گی کیونکہ وہ اس کے نتیجہ میں عالمی سطح پر مسابقت نہیں کرپائے گی۔ اس کے ازالے کے لئے مودی حکومت کے پاس کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ مزید براں یہ کہ کچے مال کو پہنچانے کی لاگت اور توانائی کی قیمت بہت زیادہ ہے۔
    خود انحصاری کے منصوبہ میں حائل جو دیگر عوامل ہیں وہ بھی قابل غور ہیں ۔ وزیراعظم نے جب سے ’میک ان انڈیا‘ کا نعرہ بلند کیا ہے اس کے بعد سے انڈیا صرف موبائل فون، بجلی اور الیکٹرانک کی مصنوعات درآمد کردہ پرزوں کو جوڑ کر بنانے کا ایک بازار بن گیا ہے ۔ ان مصنوعات میں 30 فی صد سے بھی کم اضافی چیزیں مقامی طور پر بنی استعمال کی جاتی ہیں ۔ تھائی لینڈ، انڈو نیشیا، ملائیشیا، تائیوان، فلپائن ، جنوب کوریا اور چین کی قومی مجموعی پیداوار یا جی ڈی پی میں صنعت و حرفت manufacturingکا حصہ30 تا 50 فی صد ہے جبکہ انڈیا میں گزشتہ دس سالوں میں اس سیکٹر کا حصہ 16 فی صد سے بڑھ کر 18.32فی صد ہوا ہے۔
    بجلی کے ساز و سامان، توانائی کا شعبہ ، 60 تا 70 فی صد طبی ساز و سامان و آلات ، اور شمسی توانائی کی مصنوعات سب درآمد کرنا پڑتی ہیں۔انڈیا ہر سال 60 ارب امریکی ڈالر مالیت کا الیکٹرانک ساز و سامان ، اور خام مال درآمد کرتا ہے۔ ان میں زیادہ مال چین سے آتا ہے۔ موبائل فون میں استعمال ہونے والے 88 فی صد پرزے چین اور دوسرے ملکوں سے درآمدکئے جاتے ہیں۔ اسی طرح شمسی توانائی کے شعبہ میں 2018 میں تقریباً 184.57 ارب روپئے مالیت کا سامان درآمد کیا گیا۔
    دواسازی کے معاملہ میں انڈیا چین پر بری طرح سے منحصر ہے۔ اگر چین نے اس کی برآمد بند کردی تو بڑی سنگین صور ت حال پید ا ہوسکتی ہے۔ انڈیا دوا سازی میں استعمال ہونے والے فعال اجزاء active pharmaceutical ingredients کی 85 فی صد مقدار چین سے درآمد کرتا ہے۔گزشتہ سال چین سے 249 ارب روپئے مالیت کے اجزائے دوا درآمد کئے گئے۔
    آٹو انڈسٹری میں استعمال ہونے والے پرزے بھی درآمد کرنے پڑتے ہیں۔ انڈیا ہرسال 17.5 ارب ڈالر مالیت کے پرزے چین سے منگاتا ہے جو کل کا تقریباً 27 فی صد ہے، اس کے بعد جرمنی سے 14 فی صد، جنوبی کوریا سے10 فی صد ، جاپان سے نو اور امریکہ سے سات فی صد پرزے آتے ہیں۔
    پارچہ بافی یا ٹیکسٹائل کی صنعت بھی چین سے درآمدات پر منحصر ہے ۔ خام مال بشمول مصنوعی سوت synthetic yarn ، مصنوعی کپڑا ، بٹن ، زیپر ، (چین) ہینگر وغیرہ سب چین سے آتے ہیں۔ ڈائی یا رنگ کا مٹیر یل بھی چین سے آتا ہے موجودہ حالات کی وجہ سے خام مال کی آمد میں کمی کے سبب ڈائی کی صنعت 20 فی صد متاثرہوئی ہے۔
    ٹیلی کام یا مواصلات کے شعبہ میں بھی انڈیا درآمدات پر منحصر ہے ۔ وہ سالانہ 1.3 کھرب روپیئے مالیت کے ٹیلی کام ساز و سامان و آلات باہر سے خریدتا ہے۔ امبانی کی جیو ریلائنس کمپنی جنوبی کوریا کی سمسنگ کمپنی کے 4G ساز و سامان استعمال کرتی ہے ، وہیں ووڈافون اور بھارتی ایئر ٹیل چین کی Huawei کمپنی کی مصنوعات کے علاوہ سوئیڈن کی اریکسن ، فن لینڈ کی نوکیا اور چین کی زیڈ ٹی ای پر انحصار کرتے ہیں۔
    کوئلہ : اپنی توانائی کی ضروریات پورا کرنے کے لئے انڈیا کو کوئلہ بھی باہر سے خریدنا پڑتا ہے حالانکہ ملک میں کوئلہ کے ذخائر کی کمی نہیں ہے ۔ سال 2019-20 میں 247.1 ملین ٹن کوئلہ درآمد کیا گیا جو اس سے پیشتر سال کے مقابلے میں پانچ فی صد زیادہ ہے۔ 2018-19میں یہ مقدار 235.35 ملین ٹن تھی۔ تین چار سال تک غلط پالیسوں کے سبب کوئلہ باہر سے خریدنا پڑے گا۔
    ڈیجیٹل پے منٹ : حکومت میں آنے کے بعد بالخصوص نوٹ بندی کے بے تکے قدم کے بعد وزیراعظم نے بغیر نقد کے لین دین یا ڈیجیٹل کا خوب ڈھنڈورا پیٹا ۔ تاہم اس کے بڑے بڑے پلیٹ فارم سب غیرملکی ہیں جیسے پے ٹی ایم Paytm میں 33 فی صد ، گوگل پے میں 14 فی صد اور ایمزان پے 10 فی صد حصص ہیں ۔ یہ تمام پلیٹ فارم بڑی کثیر قومی کمپنیوں نے شروع کئے ہیں۔ جہاں تک پے ٹی ایم کا معاملہ ہے اس میں چین کی کمپنی علی بابا گروپ کا 42 فی صد اور جاپان کے سافٹ بنک کا 20 فی صد شیئر ہے۔
    ای کامرس یا آن لائن کاروبار کی کمپنیاں بھی باہر کی ہیں یا ان کا بڑا حصہ ہے ان میں ایمزان، علی بابا، وال مارٹ ، اور سافٹ بنک ہیں۔ ایمزان انڈیا کوایمزان کا تعاون حاصل ہے ، فلپ کارٹ میں والمارٹ کا 81.3 فیصد شیئر ہے۔ علی بابا نے بگ باسکیٹ اور سافٹ بنک نے گروفرس کو لانچ کیا ہے ۔
    ویڈیو کانفرنسنگ کے ایپوں کا معاملہ بھی سارا کے سارا غیرملکی ہے اس کے جتنے بھی ایپ یا برقی سانچے ہیں جیسے زوم ، مائکرو سافٹ ٹیم گوگل میٹ وغیرہ سب غیر ملکی ہیں ۔ لداخ میں مبینہ چینی قبضہ کے بعد حکومت نے چین کے کچھ چالیس بیالیس ایپ بند کرنے کا اعلان کیا تھا جن کا مقصد محض عوامی غصہ کو ٹھنڈا کرنا تھا۔
    ڈیجیٹل لرننگ : حال میں کیرلا میں ایک لڑکی کی خودکشی کا واقعہ پیش آیا تھا وہ لڑکی آن لائن کلاس میں شرکت نہیں کر پا رہی تھی اس لئے اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا تھا۔اس کے پاس آن لائن ہونے کے لئے کسی بھی طرح کی سہولت نہیں تھی۔
    نیشنل سیمپل سروے 2017-2018 کے مطابق ملک میں 27 فی صد سے کم خاندان ایسے ہیں جن کے کسی ایک رکن کے پاس انٹر نیٹ کی سہولت ہے۔ براڈکاسٹنگ آڈیئنس ریسرچ کونسل کے ایک سروے کے مطابق صرف 66 فی صد خاندانوں کے پاس ٹی وی سیٹ ہیں ۔نیتی آیوگ کی 2018 میں جاری کردہ ایک رپورٹ کے بموجب آج بھی ملک کے 55,000 دیہاتوں میں موبائل نیٹ ورک نہیں ہے۔ ماہرین کی رائے ہے کہ تعلیم کے شعبہ میں ڈیجیٹل کی تفریق کو ختم کرنے کے لئے اس مد کے بجٹ میں خاصہ اضافہ کرنا ہوگا۔ سردست تعلیم کے شعبہ میں تین فی صد جی ڈی پی کا خرچ ہورہا ہے ۔ وزارت تعلیم نے ڈیجیٹل ای لرننگ کے بجٹ 604 کروڑ روپئے کو کم کرکے رواں مالی سال کے لئے 469 کروڑ روپئےکردیا۔
    نیٹ پراجیکٹ :بھار ت نیٹ پراجیکٹ : فروری 2020 تک 146,717 گرام پنچایتوں یعنی 59 فی صد دیہاتوں میں کیبل بچھائی گئی ہے ۔ ان میں سے 134,248 گاوئوں یعنی 53 فی صد میں انٹر نیٹ سروس شروع کی جاسکتی ہے ۔
    5G اسپیکٹرم کی نیلامی : خود انحصاری کے نعرے کے باوجود حکومت 5G اسپیکٹرم کی نیلامی کے سلسلہ میں تردد کا شکا رہے ۔ تاہم نیلامی کے لئے جو بنیادی رقم مقرر کی گئی ہے وہ ہوش ربا ہے ۔ دنیا میں سب سے زیادہ یعنی اسپیکٹرم 70 ملین ڈالر ہے جبکہ یہ رقم اٹلی میں 26 ملین ڈالر، جنوبی کوریا میں 18 ملین ڈالر، 10ملین ڈالر برطانیہ اور پانچ ملین ڈالر آسٹریلیا میں ہے۔ اتنی بڑی بیس رقم کی صورت میں کون سی کمپنی آگے آئے گی۔
    ورلڈ اکنامک فورم نے 2019 میں سالانہ عالمی مسابقتی رپورٹ Annual World Competitiveness جاری کی جس میں انڈیا کا مقام مسابقتی فہرست کی درجہ بندی میں دس مقام نیچے گرکر 68 ویں پر آگیا۔ وزیراعظم سے یہ سوال پوچھا جاسکتا ہے کہ مسابقت میں انڈیا پیچھے کی طرف جارہا ہے تو خود انحصاری کہاں سے آئی گی ؟ صنعت و حرفت سے صرف 16 یا 18 فی صد جی ڈی پی آتی ہے جبکہ سروس سیکٹر سے 59 فی صد ۔ اس صورت میں روزگار کے مواقع کہاں پیدا ہوں گے۔ ایک ایسی حکومت جس کی نہ کوئی اقتصادی پالیسی ہے نہ صنعتی اور نہ کوئی اور پالیسی ، جو اپنے کام میں مخلص بھی نہ ہو ایسے سے کیا امید رکھی جاسکتی ہے ۔ چین کی زیادتی اور جارحانہ رویہ کے باوجود اس حکومت میں دم نہیں ہے کہ وہ چین کاا قتصادی بائیکاٹ کر سکے۔ اگر اس پر عمل کیا جاتا ہے تو اس سے عام لوگوں کو کتنی پریشانیاں ہوں گی اور معیشت پر اس کے کتنے مضر اثرات پڑیں گے اسے بیان نہیں کیا جاسکتا ۔ کشمیر کے مسئلہ پر موقف اختیار کرنے پر ملائیشیا سے پام آئیل کی درآمد بند کرنے کا جو مودی حکومت نے فیصلہ کیا ہے اس کے بعد سے کھانے کے تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا ہے۔اور اس کا راست فائدہ ان کے گجراتی صنعتکاروں دوستوںکو ہورہا ہے ۔ یہ تو اس کی ایک چھوٹی سی مثال ہے ۔ ایک چیز کی درآمد بند کرنے سے کیا مسائل پید ا ہوتے ہیں۔
    اس سے ہی خود مکتفی کے نعرہ کی قلعی کھل جاتی ہے ۔ چنانچہ اس پر کانگر یس کے لیڈر اور سابق مرکزی وزیر برائے سائنس و ٹکنالوجی اور وزیر تعلیم کپل سبل نے بڑا دلچسپ تبصرہ کیا ہے ’’ جو واحد چیز ہم انڈیا میں بناتے ہیں (میک ان انڈیا ) وہ ہیں نعرے ۔ ہر چند مہینوں کے بعد نئے نعرے ہوتے ہیں جو انڈیا میں ’’ بنائے‘‘ جاتے ہیں اور ہم یہ بنانے میں ماسٹر ہیں‘‘۔

  • کانگریس میں قیادت کا بحران

    کانگریس میں قیادت کا بحران

    ابو زعیم

    آزادی کے بعد سے ملک کے اقتدار پر تقریباً 54 سال تک فائز رہنے والی کانگریس جماعت آج قیادت کے حوالے سے جس بحران کا شکار نظر آتی ہے اس سے پارٹی کو ماضی میں شاید ہی کبھی سابقہ پڑا ہو ۔ عبوری صدر سونیا گاندھی کی میعاد صدارت میں مزید چھ ماہ اضافہ کرکے بظاہر اس بحران کو دور کرنے کی کوشش کی گئی ہے تاہم پارٹی کی صفوں میں زیر سطح بے چینی برقرار محسوس ہوتی ہے۔
    یہ بحران ایک مکتوب کی شکل میں منظرعام پر آیا ۔ جو سونیا گاندھی کو لکھا گیا تھا کہ پارٹی کو نئے سرے سے توانا اور منظم کرنے کے لیے ایک کل وقتی فعال صدر منتخب کیا جائے ۔ اس کے علاوہ خط میں پارٹی کی اعلی فیصلہ ساز کمیٹی یعنی کانگریس ورکنگ کمیٹی کا الیکشن کرانے اور ریاستی اکائیوں کی قیادت کو زیادہ آزادی دینے نیز بی جے پی پر دبائو بنانے کی غرض سے ایک نئی حکمت عملی تیار کرنے وغیرہ مطالبات شامل تھے۔اس خط پر کپل سبل، منیش تیواری، غلام نبی آزاد‘ آنند شرما‘ ویرپا موئیلی’بھوپندر سنگھ ہڈا’ششی تھرور’پرتھوی راج چوہان اور پی جے کورین مکل واسنک ایسے پارٹی کے 23 بڑے لیڈروں نے دستخط کیئے تھے ۔تاہم اس خط کے بعض مشمولات کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے ایک دن پہلے یعنی 23 اگست کو ’ افشاء ‘ ہوگئے ۔ بس کیا تھا ایک ہنگامہ سا برپا ہوگیا۔ پارٹی میں خوشامد پرست حلقہ فوراً حرکت میں آگیا اور ان 23 رہنمائوں کونشانہ بنانے لگا کہ یہ بی جے پی کی ساز باز کا نتیجہ ہے۔ حالانکہ ان میں سے کسی کا بھی ٹریک ریکارڈ ایسا نہیں ہے کہ اس پر شک کیا جائے ۔ ان میں متعدد سابق مرکزی وزراء ، پانچ سابق وزرائے اعلی اور پارٹی کے اہم عہدوں پر فائز رہے ہیں۔
    خط میں ایسی کوئی قابل اعتراض بات نہیں تھی جس پر ان لیڈروں کو مطعون کیا جاتا ۔ دراصل اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ بعض استثناء کے کسی بھی سیاسی جماعت میں داخلی جمہوریت کا فقدان ہے ۔ الزام لگانے والوںمیں خود سابق صدر راہل گاندھی بھی شامل ہیں ۔ گو بعدازاں انہوں نے اس بارے میں وضاحت بھی پیش کی کہ انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا تھا۔
    خط کا یہ معاملہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں چھایا رہا ۔ پے درپے شکستوں کے نتیجہ میں پارٹی کی صفوں میں جو بددلی اور مایوسی کی فضاء پیدا ہوئی ہے اس کی صاف جھلک اس میں نظر آتی تھی ۔سات گھنٹے تک جاری رہے اجلاس میں سونیا گاندھی نے عبوری صدر کے عہدے سے مستعفی ہونے کی پیشکش کی جنہیں گزشتہ سال دسمبر میں راہل کے استعفی کے بعد صدر بنایا گیا تھا جو اپنی ناساز طبیعت کے باعث یہ ذمہ داری بہتر طور پر انجام نہیں دے پارہی ہیں۔ حالانکہ وہ کانگریس کی سب سے زیادہ عرصہ تک قیادت سنبھالنے والی خاتون صدر ہیں اور 2004اور2009 کے عام انتخابات میں پارٹی کو فتح سے ہمکنار کراچکی ہیں ۔
    راہل نے خط تحریر کئے جانے کے وقت پرسوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب پارٹی کی صد ر اسپتال میں تھی اس وقت یہ خط کیوں لکھا گیا۔ نیز راجستھان میں حکومت کا بحران بھی ابھی پوری طرح سے ختم نہیں ہوا تھا ۔ اسے بی جے پی کی ایماء پر لکھا گیا خط قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے سینئر لیڈروں کو جو شکایتیں تھیں اسے بیان کرنے کی صحیح جگہ ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ تھی نہ کہ میڈیا۔ پرینکا گاندھی نے بھی اس کی تائید کرتے ہوئے ان لیڈروں بالواسط طور پر نکتہ چینی کا ہدف بنایا لیکن سابق مرکزی وزیر کماری شیلجہ نے ایک قدم آگے بڑھ کر ان لیڈروں کو بی جے پی کا’’ ایجنٹ ‘‘ قرار دینے میں کوئی عار محسوس نہیں کی۔ اس الزام تراشی پر ان لیڈروں کو خفا ہونا فطری تھا۔ جن کی زندگیاں کانگریس میں کھپ رہی ہیں جبکہ مفاد پرست اور ابن الوقت لیڈران کانگریس کو ڈوبتی کشتی سمجھ کر اس چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں ۔ ان میں سے کوئی بھی ایسانہیں ہے جو بی جے پی سے پینگیں بڑھا سکتا ہے ۔راہل کے بیان پر سب سے سخت ردعمل غلام نبی آزاد کا آیا ۔ آزاد نے کہا کہ اگر ان پر بی جے پی سے سازباز کا الزام ثابت ہوجائے تو وہ ہمیشہ ہمیشہ کے لئے سیاست سے کنارہ کش ہوجائیں گے۔کپل سبل نے بھی اپنے دفاع میں کہا کہ وہ گزشتہ تیس سال کی سیاسی زندگی میں بی جے پی کو ہمیشہ نشانہ بناتے آئے ہیں ۔ بہرحال اس سر راہ باہمی سر پھٹول سے پارٹی کو ہورہے نقصان کا ادراک کرتے ہوئے دونوں طرف سے معاملہ کو رفع دفع کرنے کی کوششیں شروع ہوئیں ۔ گودی میڈیا کو تو ایک مسالہ مل گیا تھا جو اسے مزید مرچ لگاکر پیش کررہا تھا ۔ سونیا اور راہل دونوں نے غلام نبی آزاد سے فون پر بات کرکے معاملہ صاف کرنے کی کوشش کی ۔ راہل نے کہا کہ انہوں نے آزاد کا نام ہی نہیں لیا تھا ۔اس خط کے لیک ہونے کے بعد ورکنگ کمیٹی کی 24 اگست کو منعقدہ میٹنگ میں سونیا گاندھی نے اسے اپنی انا کا مسئلہ نہیں بنایا بلکہ کہا کہ جو ہوا سو ہوا۔ اب ہمیں آگے بڑھنا چاہئے ۔ اس سے مجھے تکلیف ضرور پہنچی ہے مگر میرے دل میں کسی کے خلاف کوئی رنجش نہیں ہے۔
    پارٹی کے ٹی وی پینل سے ہٹائے گئے رکن سنجے جھا کی بات پر یقین کیا جائے توسونیا گاندھی کو 100 سے زائد پارٹی لیڈروں نے خط لکھا تھا جس میں کئی امور کی طرف توجہ دلائی اور پارٹی قیادت میں تبدیلی کا مطالبہ کیا گیا تھا ۔یہ مطالبہ بیجا نہیں تھا کیونکہ پارٹی سر دست ایک مستقل صدر سے محروم ہے اور سونیا بوجہ صحت اب اتنی سرگرمی سے کام نہیں کرسکتی ہیں ۔ تاہم 23 لیڈروں کے خط کے درپردہ مقصد کے بارے میں ایک سینئر کانگریسی لیڈر کا دعوی ہے کہ پارٹی کے ایک حلقہ کی طرف سے راہل گاندھی کو دوبارہ صدر بنانے کے مطالبے کی ہوا نکالنے کے لئے ہی یہ خط لکھا گیا تھا۔ ہر چندکہ راہل اور پرینکا دونوں نے یہ بار بار کہا کہ پارٹی کا صدر گاندھی خاندان سے باہر کسی فرد کو منتخب کیا جائے ۔ مگر پارٹی میں اصل مسئلہ یہ ہے کہ دوسری صف کی قیادت کو ابھرنے نہیں دیا گیا ۔ اور گاندھی خاندان کے باہر قیادت جاتی ہے تو اس بات کے خدشہ کا اظہار کیا جاتا ہے کہ پارٹی متحد نہیں رہ پائے گی ۔ اس امر میں دو رائے نہیں کہ اس وقت پارٹی اپنی تاریخ کےبدترین دور سے گزر رہی ہے۔ اس کے لئے وہ بھی خود بڑی حد تک ذمہ دار ہے۔ کیونکہ ایک طویل عرصہ تک وہ مرکزی اقتدار پر قابض رہی لیکن اس نے جس مغرب سے جمہوریت کا نظام لیا اس پر ایمانداری سے عمل نہیں کیا اور پارٹی کو عملاً جاگیردارانہ نظام کا ایک پرزہ بنا دیا۔ چنانچہ اس ملک کی بدقسمتی یہ ہے کہ یہاں جمہوریت صحت مند بنیادوں اور اقداروں پر پروان نہیں چڑھ سکیں ۔ اس کا نتیجہ یہ ہے کہ مغرب کے برخلاف یہاں بعض استثناء کے جتنی بھی سیاسی جماعتیں ہیں وہ سب شخصی یا خاندانی جماعتیں ہیں اور ان میں داخلی جمہوریت برائے نام ہے۔ اصل چیز چاپلوسی اور خوشامد ہے جو پارٹی اور اقتدار میں منصب پانے کا اصل وسیلہ ہوتے ہیں جو لیڈر کسی معاملہ میں اپنی رائے کا اظہار کرتا ہے یا پارٹی موقف سے ہٹ کر کو ئی بیان دیتا ہے تو اسے باغی اور منحرف قرار دیا جاتا ہے۔
    سردست الیکشن کمیشن میں درج شدہ سیاسی جماعتوں کی تعداد 2598, ہے ان میں سے 8 قومی اور 52 علاقائی سطح کی مسلم جماعتیں بھی ہیں۔ چند ایک کو چھوڑ سب کا یہی حال ہے ۔ اس حمام میں سبھی ننگے ہیں ۔ بی جے پی کانگریس پر خاندانی راج کا الزام لگاتی ہے مگر وہ اس لعنت میں سب سے زیادہ لت پت ہے۔ وہ بالکل ایک آمرانہ انداز میں کام کر رہی ہے ۔ نیز وہ تمام تر ہتکھنڈوں اور بے پناہ وسائل کے باوجود کانگریس کے مقابلے میں اب بھی ملک گیر حیثیت نہیں رکھتی ہے ۔
    اس میں کوئی شک نہیں کہ کانگریس میں یہ بحران ایک ایسے وقت میں ابھرا ہے جب ملک پر فسطائیت کے سایے گہرے ہوتے جارہے ہیں اور اسے ایک جماعتی نظام کی طرف تیزی سے دھکیلا جارہا ہے۔ ایسے ملک میں ایک ایسی مضبوط اور متحرک حز ب اختلاف کی ضرورت ہے جو اس بڑھتے ہوئے طوفان کا مقابلہ کر سکے ۔کیونکہ کانگریس ہی واحد جماعت ہے جو ملک گیر سطح کی حیثیت رکھتی ہے اسی لئے بی جے پی نے ’کانگریس مکت بھارت‘ کا نعرہ دیا۔، وہ جانتی ہے کہ اس کی راہ میں کانگریس ہی مزاحمت کرسکتی ہے ، گو اس وقت وہ متعدد معاملوں میں بی جے پی کی بی ٹیم نظر آتی ہے اور فرقہ پرست نظریہ ’’ ہندتو‘ کے نظریہ کو نرم ’ ہندتو‘ کے نظریہ سے شکست دینا چاہتی ہے ۔ چنانچہ وہ سیکولرزم کے معاملہ میں وہ مضبوط رویہ اور موقف اختیار نہیں کر پارہی ہے جس کی آج اشد ضرورت ہے۔ اس کے بغیر وہ بی جے پی اس تنگ نظر فکر کا مقابلہ نہیں کرسکتی ۔ بابری مسجد کی جائے پر رام مندر کی تعمیر کے بارے میں اس کا موقف انتہائی قابل گرفت رہا ۔ گو وہ بابری مسجد میں چوری چھپے بت رکھےجانے سے لےکر اسے ہندتو انتہاپسندوں کے ہاتھوں انہدام اور وہاں عارضی مندر کی تعمیر جیسے سب معاملوں کے لئےبرابر کی ذمہ دار ہے۔
    حالانکہ راہل کے آر ایس ایس کے بارے میں خیالات بڑے واضح ہیں اور وہی اس وقت مودی حکومت سے لوہا لے رہے ہیں لیکن ان کی غیر مستقل مزاجی کی وجہ سے پارٹی کو نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔ اسی لئے پارٹی کے سینئر لیڈران چاہتے ہیں ان کے پاس پارٹی کی کمان دوبارہ نہ جائے۔ اب دیکھنا ہے کہ چھ ماہ بعد قیادت کا مسئلہ پارٹی کس انداز میں حل کرتی ہے ۔ وہی پرانی ڈگراور روش پر چلتے ہوئے کمان گاندھی خاندان کے ہاتھ میں سونپی جاتی ہے یا جس مغرب سے جمہوری نظام کی نقالی کی گئی ہے اس پر عمل کرتے ہوئے پارٹی میں ہر سطح پر صحیح معنوں میں الیکشن کراکے تنظیمی عہدیداروں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔

  • تعلیمی ادارے اور موبائل فون

    تعلیمی ادارے اور موبائل فون

    ظہیر الدین صدیقی‘ اورنگ آباد

    صرف چار دہائی قبل سرکاری ٹیلیفون محکمہ کا لینڈ لائن فون کسی نعمت سے کم نہیں تھا۔کسی بھی گھر کے لئے یہ سٹیٹس سمبل(status symbol) کی حیثیت رکھتا تھا۔پچھلی صدی میں بہت سے لوگ ایسے گذر گئے جنہوں نے زندگی میں کبھی فون پر بات نہیں کی۔ اس وقت فون تک رسائی اتنی آسان نہیں تھی۔ دیگر شہروں اور بین الاقوامی ممالک میں بات کرنے کے لئے گھنٹوں اور کبھی کبھی دنوں انتظار کرنا پڑتا تھا۔ 90ء کی دہائی میں جب ایس ٹی ڈی- پی سی او کی شروعات ہوئی تو بلا مبالغہ ہر پی سی او پر قطاریں لگتی تھیں تاکہ لوگ اپنے متعلقین سے ربط قائم کر سکیں۔ جس کارابطہ ہوجاتا تھا وہ اپنے آپ کو خوش قسمت تصور کرتا تھا۔ اس کے بعدموبائیل فون کا دور شروع ہوا، لیکن موبائیل فون کی قیمتیں اور کال چارجیزہر کسی کے بس میں نہیں تھے۔ آئوٹ گوئینگ کے لئے 15 سے 18 روپیے اور اِن کمنگ کے لئے7 سے8روپیے فی منٹ دینا پڑتے تھے۔ چنانچہ صرف بڑے کاروباری لوگ ہی اس سے مستفید ہوتے ۔ ملک عزیز کی آبادی کو مد نظر رکھتے ہوئے اکیسویں صدی کے آغاز سے ہی موبائیل کمپنیوں نے بھارت کا رخ کرنا شروع کردیا اور دن بدن مقابلہ آرائی کے ساتھ ساتھ نہ صرف یہ کہ موبائیل فون سستے ہونے لگے بلکہ ان کے نرخ میں بھی نمایاں کمی ہوگئی۔ اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ ہر خاص و عام میں مقبول ہوتا چلا گیا۔
    ذرائع ابلاغ کا ایک بہترین آلہ کے طور پرموبائیل فون عوام کی زندگی کا حصہ بنتا چلا گیا۔ اس زمانہ میں موبائیل پر صرف بات چیت ہوتی تھی اور کچھ چھوٹے چھوٹے ڈیجیٹل گیم تھے ‘جن سے لوگ فرصت کے اوقات میں وقت گذاری کرتے تھے۔ لیکن انڈرائیڈ سسٹم اور سمارٹ فون نے موبائیل کی دنیا ہی بدل کر رکھ دی اور نتیجتاً عوام کو مسحور کردیا۔بڑا عجیب رشتہ ہو کر رہ گیا ہے موبائیل فون اور عوام کا،ایک بے دام غلام ہے تو دوسرا اسیر ہے۔ آج موبائیل فون صرف بات چیت کا ذریعہ نہ رہ کر ایک پی اے، ایک خطوط رساں، ایک ساتھی، ایک کیمرہ مین، ایک کمپیوٹر، ایک کیلکو لیٹر،ایک ٹی وی، ایک ٹارچ، ایک گھڑی ،ایک پیامبر، ایک کھیل کا میدان، ایک معلوماتی خزانہ، نالج بنک اور نہ جانے کیا کیا بن گیا ہے۔ ہر گذرتے دن کے ساتھ اس کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور ہر اضافہ کے ساتھ بنی نوع انسان اس کا محتاج بنتا جارہا ہے۔ کسی زمانے میں کم از کم سو دو سو فون نمبر ہر شخص کو ازبر ہوتے تھے، ٹیلیفون ڈائریکٹری دیکھنے کی ضرورت نہیں پڑتی تھی، لیکن آج شائد دس بیس نمبر بھی کوئی یاد رکھتا ہو۔ حساب کتاب کے لئے لوگ مشین سے زیادہ اپنی یاد داشت پر انحصار کرتے تھے ، اب ہر کوئی معمولی حساب کے لئے بھی موبائیل نکال لیتا ہے۔
    ہر نئی ٹکنالوجی اور ایجاد کے دو پہلو ہوتے ہیںمثبت اور منفی۔ مٹی کا تیل (کیروسن تیل)کی ایجاد سے ایندھن کا ایک نیا متبادل میسر ہوا تو گھر کی خواتین کے لئے کسی نعمت سے کم نہ تھا، جن کی آنکھیں لکڑی کے دھوئیں سے جلن کرنے لگتی تھیں۔ لیکن اسی مٹی کے تیل کونئی بیاہتا ئوں کو جلانے کے لئے بھی استعمال کیا جانے لگا۔ اٹامک تھیوری کی تحقیق سے توانائی حاصل کرنے کے نئے ذرائع دستیاب ہوئے لیکن اسی توانائی کو جب ایٹم بم بنانے کے لئے استعمال کیا گیا تو دنیا جانتی ہے کہ انسانیت کے لئے وہ کتنا تباہ کن ہوگیا۔ اسی طرح موبائیل فون کے بھی دو پہلو ہیں، جہاں اس کے بے شمار فوائد واضح ہیں‘ وہیں اس کے نقصانات سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا۔ خصوصا ً چھوٹے بچوں اور طلباء ( لڑکے اور لڑکیاں)کے لئے اس کا استعمال فائدہ مند کم اور نقصاندہ زیادہ ہے۔ چھوٹے بچوں پر اس کا سب سے مضر اثر اس سے خارج ہونے والی وہ شعائیں ہیں جو بچوں کے نازک اعصاب کے لئے طبی طور پر نقصاندہ ہیں۔ طلباء کے لئے یہ اس لئے نقصان دہ ہیں کہ اس سے طلباء کا بیشتر وقت غیر پیداواری عمل میں ضائع ہو رہا ہے۔ طلباء گھنٹوں لا یعنی ویڈیوز دیکھنے میں اپنا وقت برباد کر رہے ہیں ، جو وقت ان کے کھیل کود اور جسمانی نشو ونما کے لئے صرف ہونا چاہیے وہ وقت موبائیل کی نظر ہو رہا ہے۔ اس سے بچوں کی فکری نشوو نما بھی متاثر ہو رہی ہے۔ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد آج کل موبائیل میںواٹس اپ، فیس بک، ٹویٹر پر مصروف ہے‘ جس میں کچھ کارآمد معلومات مل جاتی ہیں لیکن ٹک ٹاک، ویگر ویڈیو، ایمووغیرہ پر فحش اور لاحاصل وقت گذاری کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آتا۔ پب جی جیسے کھیل سے متاثر ہونے کے بعد کئی نوجوان اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ یہ مرض تیزی سے نوجوانوں میں پھیل رہا ہے۔ موبائیل کی وجہ سے رابطوں میںجو آسانیا ں پیدا ہو گئی ہیں اس کی وجہ سے نو جوان لڑکے لڑ کیوں کے مابین اختلاط میں اضافہ ہورہا ہے،جو کہ ایک مہذب خصوصاً مسلم معاشرے کے لئے کسی طرح بھی سود مند نہیں ہے۔ یہ موبائیل ہی ہے جس کی وجہ سے غیر مسلم نوجوان مسلم لڑکیوں سے رابطہ پیدا کر رہے ہیں اور کئی بارمعاملہ ارتدادتک پہنچ جاتا ہے۔
    ہم موبائیل فون کے مخالف نہیں ہیں، اس کے مثبت استعمال سے فائدے بھی اٹھائے جاسکتے ہیں۔ دنیا بھر کی معلومات آپ کی مٹھی میں قید ہیں۔ جب جس چیز کے بارے میں معلوم کرنا ہو گوگل پر تلاش کرلیا جاسکتا ہے۔ اسی موبائیل سے درس قرآن بھی حاصل کیا جاسکتا ہے، احادیث کے کسی بھی مجموعے سے مستفید ہوا جاسکتا ہے۔ سیرت نبوی ؐاور خلفاء راشدین کے احوال سے واقف ہوا جاسکتا ہے۔ دنیا کے فاتحین اور اپنے اسلاف کی تاریخ سے آگہی حاصل کی جاسکتی ہے، اولیاء اللہ اور بزرگان دین کے واقعات سے درس عبرت حاصل کیا جاسکتا ہے۔سائنس اور ٹکنالوجی کی جدید ترین تحقیقات سے رو شناس ہوا جاسکتا ہے۔ دنیا بھر کی تازہ ترین خبروں سے واقفیت حاصل کی جاسکتی ہیں۔ لیکن کیا ہمارے نو جوان طلباء و طالبات موبائیل فون کے ان مثبت پہلوئوں سے مستفیدہو رہے ہیں؟اس سوال کا اکثریت کے پاس جواب نفی میں ہوگا۔ اور جب کسی چیز کا منفی استعمال عام ہو جائے تو اس کے مثبت اوصاف بے معنی ہو کر رہ جاتے ہیں۔
    حدیث بیان کی جاتی ہے کہ جب کسی برائی کو دیکھو تو اس کو اپنی طاقت سے روک دو،اگر طاقت سے نہیں روک سکتے ہو تو اس کو اپنی زبان سے روکو، اگر یہ بھی ممکن نہ ہو تو اس برائی کو دل سے برا جانو اور یہ ایمان کا آخری درجہ ہے۔ آج کی نوجوان نسل موبائیل کی وجہ سے جس فحاشی، بے راہ روی، اختلاط اور تضییعِ اوقات میں مبتلاء ہے، وہ ایک سماجی برائی ہے جس کو روکنے کے لئے ہمیں مذکورہ حدیث پر عمل کرنا ہوگا، جس کا ایک عملی نمونہ مقامی نو کھنڈا کالج فار ویمن کے پرنسپل مخدوم محی الدین فاروقی نے پیش کیا، انہوں نے بڑی جرائت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کالج احاطہ میںتعلیمی اوقات میں طالبات کے موبائیل استعمال پر پابندی لگادی ہے۔ کالج میں داخل ہوتے وقت ہی طالبات کا موبائیل آفس میں جمع کر لیا جاتا ہے۔ نہایت ضروری ہو تو والدین اور سرپرستوں سے طالبہ کی بات کر وادی جاتی ہے، اور کالج ختم ہونے کے بعد طالبات اپنا موبائیل حاصل کر کے گھر روانہ ہو جاتی ہیں۔ اس طریقہ کار کا اثر یہ ہوا کہ طالبات غیر ضروری موبائیل استعما ل نہیں کر رہی ہیں، فرصت کے اوقات میں تعلیمی سرگرمیوں پر توجہ دے رہی ہیں یا پھر آپس میں گفتگو ، اور دیگر کار آمد عوامل میںمصروف رہتی ہیں۔ ورنہ ماحول یہ تھا ’’ دو عورتیں ملنے کے بعد خاموش نہیں بیٹھ سکتی‘‘ یہ کہاوت غلط ثابت ہو رہی تھی، کئی لڑکیاں ایک ساتھ بیٹھ کر بھی خاموشی سے اپنے موبائیل میں اس قدر غرق رہتی تھیںکہ کسی کو کسی کی خبر ہی نہ ہو۔ اب طالبات آپس میں بات چیت بھی کرتی ہیں اور دیگر معمولات میں حصہ بھی لے رہی ہیں۔ گویا موبائیل کی دنیا سے باہر نکل کر کالج کی زندگی لوٹ آئی ہے۔ اس مستحسن اقدام کے لئے ہم پرنسپل صاحب کو مبارک باد دیتے ہیں اور ملک بھر کے تمام تعلیمی اداروں کے سربراہوں سے امید کرتے ہیں کہ وہ بھی اپنے اداروں میں موبائیل فون پر پابندی لگا کر طلباء کوتضییع اوقات سے بچانے کی فکر کریں گے۔ وما توفیقی الا با اللہ M. : 9890000552

  • ندوۃ العلماء لکھنؤ میں آن لائن کلاسوں کی ابتدا خوش آئند قدم:ڈاکٹر نجیب سنبھلی

    ندوۃ العلماء لکھنؤ میں آن لائن کلاسوں کی ابتدا خوش آئند قدم:ڈاکٹر نجیب سنبھلی

    سنبھل:ندوۃ العلماء لکھنؤ میں آن لائن کلاسوں کے انعقاد کو ضرورت کے عین مطابق قدم قرار دیتے ہوئے مشہور عالم دین ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی نے کہا کہ کورونا وبائی مرض کے پھیلاؤ کے باعث نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا کے بیشتر حصوں میں تعلیمی ادارے تقریباً چھ ماہ سے بند ہیں۔ یونیورسٹیوں، کالجوں اور اسکولوں میں آن لائن کلاسوں کے انعقاد سے کسی حد تک طلبہ کے تعلیمی نقصان کی تلافی کی گئی ہے، لیکن مدارس اسلامیہ میں عمومی طور پر آن لائن کلاسوں کا انتظام نہیں کیا گیا حالانکہ مدارس اسلامیہ کو حالات کے پیش نظر نئی ٹکنالوجی سے فائدہ اٹھاکر اس میدان میں بھی گھوڑے دوڑانے چاہئے تھے۔ ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی نے لاک ڈاؤن کے ابتدائی مراحل میں ہی صورت حال کا اندازہ لگاکر مدارس اسلامیہ سے آن لائن کلاسوں کے انعقاد کی درخواست کی تھی تاکہ بچے تعلیم سے جڑے رہیں۔ اس سے قبل بعض دیگر مدارس اسلامیہ میں بھی آن لائن کلاسوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ مولانا محمد نجیب قاسمی سنبھلی نے اپنے بیان میں مزید کہا: اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ آن لائن کلاسیں حقیقی درسگاہوں کا بدیل نہیں ہوسکتی ہیں کیونکہ اس میں بچوں کی تربیت نہیں ہوپاتی ہے اور طلبہ واساتذہ کا خاص تعلق قائم نہیں ہوتا ہے، مگر اس وقت ہمارے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ Something is better than nothing کو سامنے رکھ کر تعلیمی سلسلہ کو بند کرنے کے مقابلہ میں آن لائن کلاسوں کو جاری رکھنا ضروری ہے کیونکہ ان کے ذریعہ بچے کم از کچھ نہ کچھ پڑھ لیتے ہیں۔ تعلیمی سلسلہ منقطع ہونے پر ان کی موجودہ صلاحتیں بھی ختم ہوجائیں گی۔ جس طرح چند سالوں سے علماء کرام نے وعظ ونصیحت کے لئے سوشل میڈیا کا سہارا لینا شروع کردیا ہے، اور آن لائن درس قرآن اور درس حدیث بھی شروع کردئے ہیں، اسی طرح لاک ڈاؤن جیسے حالات میں مدارس میں آن لائن کلاسوں کوشروع کیا جانا چاہئے تاکہ طلبہ کسی حد تک کتابوں سے منسلک رہیں۔

    The post ندوۃ العلماء لکھنؤ میں آن لائن کلاسوں کی ابتدا خوش آئند قدم:ڈاکٹر نجیب سنبھلی appeared first on قندیل – Qindeel.

  • گاندھی خاندان سے باہر کے کسی شخص کو کانگریس صدر ہونا چاہیے: پرینکا گاندھی

    گاندھی خاندان سے باہر کے کسی شخص کو کانگریس صدر ہونا چاہیے: پرینکا گاندھی

    نئی دہلی، 19 اگست: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا ہے کہ ان کے بھائی راہل گاندھی کی طرح ان کا بھی ماننا ہے کہ گاندھی خاندان کے افراد کے علاوہ کسی کو کانگریس کا صدر مقرر کیا جانا چاہیے۔

    واڈرا نے یہ تبصرہ کتاب ’’ہندوستان کل: سیاسی قائدین کی اگلی نسل کے ساتھ بات چیت‘‘ میں شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں کیا، جس کا خلاصہ دی پرنٹ نے کیا ہے۔

    کتاب میں واڈرا کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ’’شاید استعفیٰ نامے میں نہیں لیکن کہیں اور انھوں (راہل گاندھی) نے کہا ہے کہ ہم میں سے کسی کو بھی پارٹی کا صدر نہیں ہونا چاہیے اور میں ان کے ساتھ مکمل اتفاق رائے رکھتی ہوں۔‘‘

    انھوں نے مزید کہا ’’مجھے لگتا ہے کہ پارٹی کو بھی اپنا راستہ خود تلاش کرنا چاہیے۔‘‘

  • کورونا وائرس: گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 64،000 سے زیادہ نئے کیس سامنے آئے، 1،092 اموات

    کورونا وائرس: گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 64،000 سے زیادہ نئے کیس سامنے آئے، 1،092 اموات

    نئی دہلی، اگست 19: ہندوستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 64،500 سے زیادہ نئے کیسز اور 1،092 مزید افراد کی ہلاکت کی اطلاع ملی ہے۔

    پچھلے 15 دنوں سے ملک میں عالمی سطح پر سب سے زیادہ کیس رپورٹ ہورہے ہیں۔

    تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ہندوستان میں کل معاملات بڑھ کر 27،67،273 ہو چکے ہیں اور اموات کی تعداد 52،889 ہو گئی ہے۔

    حکومتی اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ مجموعی تعداد میں سے 20،37،870 افراد اب تک صحت یاب ہوچکے ہیں۔

  • فیس بک تنازعہ کے مرکزی چہرے اور بی جے پی کے ایم ایل اے ٹی راجا نے کہا کہ وہ فیس بک استعمال کرتے

    فیس بک تنازعہ کے مرکزی چہرے اور بی جے پی کے ایم ایل اے ٹی راجا نے کہا کہ وہ فیس بک استعمال کرتے

    نئی دہلی، اگست 18: بھارتیہ جنتا پارٹی کی تلنگانہ یونٹ کے ایم ایل اے ٹی راجہ سنگھ نے، جو مبینہ طور پر فیس بک کے ذریعے حکمران جماعت کی حمایت کرنے کے تنازعہ کا مرکزی ہیں، اتوار کے روز دعویٰ کیا کہ ان کا آفیشیل فیس بک اکاؤنٹ 2018 میں ہی ’’ہیک اور بلاک کردیا گیا تھا۔‘‘

    سنگھ نے ٹویٹ کیا ’’مجھے معلوم ہوا ہے کہ بہت سارے فیس بک پیجز میرا نام استعمال کر رہے ہیں۔ میں واضح کر دوں کہ میرا کوئی آفیشیل پیج نہیں ہے، میں ان کی کسی بھی پوسٹ کے لیے ذمہ دار نہیں ہوں۔ میرا آفیشیل اکاؤنٹ ہیک کر کے اسے 2018 میں بلاک کردیا گیا تھا۔‘‘

    سنگھ نے کہا کہ ان کا صرف ایک آفیشیل یوٹیوب اور آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ ہے۔ بی جے پی کے ایم ایل اے نے دعوی کیا کہ انھوں نے کبھی بھی اکاؤنٹس کے ذریعے کوئی نفرت انگیز تبصرہ نہیں کیا۔

    دریں اثنا کانگریس نے فیس بک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک زکربرگ کو خط لکھ کر جاری تنازعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

  • کانگریس نے مارک زکربرگ کو خط لکھ کر فیس بک پر لگے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا

    کانگریس نے مارک زکربرگ کو خط لکھ کر فیس بک پر لگے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا

    نئی دہلی، اگست 18: کانگریس نے فیس بک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک زکربرگ کو ان الزامات کی تحقیقات کے لیے خط لکھا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی سے تعلقات خراب ہونے سے بچنے کے لیے سوشل میڈیا کمپنی کی ہندوستان کی ٹیم نے اپنی ہی نفرت انگیز تقریر کی پالیسی کو نظرانداز کیا۔

    14 اگست کو وال اسٹریٹ جرنل کے ذریعہ شائع ہونے والی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے فیس بک پر ہندوستان کی منتخبہ جمہوریت میں ’’مداخلت‘‘ کرنے کا الزام عائد کیا اور اس معاملے میں وقت پر اعلی سطح کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

    وینگوپال نے خط میں کہا ’’مذکورہ مضمون میں فیس بک انڈیا کے ذریعے ایک سیاسی جماعت بی جے پی کی حمایت کرنے اور بی جے پی سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنما کی طرف سے نفرت انگیز تقریروں کو پھیلانے میں مسلسل ملوث ہونے کے حمایت کے خلاف واضح الزامات ہیں۔ یہ فیس بک پر ہندوستان کی منتخبہ جمہوریت میں مداخلت کا سنگین اور سخت الزام ہے … اس میں یہ بھی اشارہ کیا گیا ہے کہ ایف بی انڈیا نے ڈبلیو ایس جے کی تحقیقات سامنے آنے کے بعد متعلقہ نفرت انگیز تقاریر کی پوسٹس کو حذف کردیا۔ اگر یہ سچ ہے تو یہ جرم کا واضح اعتراف ہے۔‘‘

    پارٹی نے کہا کہ اس معاملے میں فیس بک کا کردار ’’نہایت پریشان کن‘‘ ہے۔

    انھوں نے مزید کہا ’’فیس بک ہیڈ کوارٹر کے ذریعہ فیس بک انڈیا کی ٹیم اور ان کے کاروباری اداروں میں اعلی سطح کی تحقیقات کی جائے اور ایک یا دو ماہ میں بورڈ آف فیس بک کو رپورٹ پیش کریں۔ اس رپورٹ کو عام کیا جانا چاہیے۔ داخلی تفتیش کی تکمیل اور رپورٹ پیش کرنے تک براہ کرم ایک نئی ٹیم کے ذریعہ فیس بک انڈیا کی کارروائیوں کی رہنمائی کرنے پر غور کریں تاکہ تحقیقات پر اثر نہ پڑے۔‘‘