Category:  متفرقات

  • پروفیسر دانش مند اور بقول شخصے

    پروفیسر دانش مند اور بقول شخصے

    آج سے تقریبا پچیس برس قبل لفظ ” شخصے“ کان میں پڑا تھا۔ محترم استاد نے اس کا مطلب ایک شخص اور بقول شخصے کا ”ایک شخص کے قول کے مطابق“ بتایا تھا لیکن جیسے جیسے میرا تعلیمی سلسلہ آگے بڑھتا گیا، اس لفظ کے معنی و مفہوم میں تبدیلیاں ہوتی گئیں۔ یہاں تک کہ جب میں یونیورسٹی میں پڑھنے لگا تو میں اس لفظ کے تعلق سے کنفیوز  ہو گیا ۔ سوچا، استاد محترم سے پوچھوں مگر ہمت نہ ہوتی تھی۔ ڈر اس بات کا تھا کہ اگر حضور جواب میں” اس کا مطلب نہیں جانتے؟“ کہہ بیٹھیں گے توپھر بڑی شرمندگی ہوگی ۔ بہر حال وقت گذرتا گیا۔ ہمارے استاد محترم پروفیسر دانشمند کلاس روم میں اکثر لکچر کے دوران” بقول شخصے“ کہا کرتے تھے بلکہ شاید ہی کبھی انھوں نے کسی نام کے حوالے سے کوئی بات کہی ہو۔ ایک مرتبہ میں نے اپنے ایک ہم جماعت دوست سے پوچھا تو اس نے تعجب کا اظہار کیا اور کہا کہ” افسوس تم شخصے کو نہیں جانتے؟ وہ روس میں پیدا ہوئے تھے اور ترقی پسند تحریک کے علم بردار تھے۔ کارل مارکس، لینن، سجاد ظہیر کے بعد انھیں کا نام لیا جاتا ہے۔ کیا تم کو کلاس میں سر نے کبھی نہیں بتایا!“

    چونکہ میں اس وقت نیا نیا ادب میں داخل ہوا تھا ،اس لیے میں نے اپنے دوست سے کوئی بحث نہیں کی۔ ابھی چند لمحے  ہی گزرے تھے کہ استاد محترم ہمارے پاس سے گذرے ۔ ہم دونوں نے نہایت ادب سے ان کو سلام کیا۔ انھوں نے نہایت خندہ پیشانی سے جواب دیا اور پوچھا آپ دونوں کس بات پر بحث کر رہے تھے؟ ہم نے اپنی بات ان کے سامنے رکھی ، آں جناب نے فرمایا شخصے کسی شخصیت کا نام نہیں بلکہ کوئی شخص یا ایک شخص کو کہتے ہیں چونکہ ہم لوگ اب کل یگ میں پہنچ چکے ہیں، اس لیے ہماری یادداشت بہت کمزور ہو گئی ہے۔ اب کسی ادیب، شاعر یا دانشور کا نام یاد نہیں رہتا، اس لیے شخصے سے ہی کام چلاتے ہیں۔ دوسری بات یہ ہے کہ تم لوگ زیادہ سے زیادہ وقت مطالعے میں صرف کیا کرو۔ مجھے آج تک اس بات کا غم ہے کہ ہموم و غموم نے مجھے مطالعے کا وقت نہیں دیا ۔ البتہ جب سے ہم نے لکچر رشپ جوائن کی ہے، کبھی بھی اپنے فرائض سے کوتا ہی نہیں کی۔ تم لوگ جہد مسلسل کرتے رہنا اور اچھی تدبیر اختیار کرنا کیوں کہ تمھاری تدبیر ہی تمھاری تقدیر ہے۔ کیوں کہ  بقول شخصے :

    تو مسلماں ہے تو تقدیر ہے تدبیرتری

    نیز بقول شخصے ؎

    مسلسل کاوشوں سے ہی بناکرتی ہیں  تقدیریں

    جو تھک کر بیٹھ جاتے ہیں انہیں  منزل نہیں ملتی

    ہم لوگوں نے استاد محترم کی باتیں نہایت غور سے سنیں ۔ استاد محترم اکثر اپنی بات کسی نہ کسی شعر پر ختم کرتے تھے لیکن شاعر کا نام کبھی نہیں بتاتے تھے۔ ایک مرتبہ جناب عالی طلبہ کو نصیحت کر رہے تھے، درمیان میں فرمایا کہ فی زمانہ لوگ شریف و مہذب انسانوں کی قدر نہیں کرتے نیز انھیں طرح طرح کی اذیتیں بھی پہنچاتے رہتے ہیں۔ اگر چہ مرنے کے بعد تعریفوں کے ایسے پل باندھیں گے کہ گویا مرنے والا انسان نہیں بلکہ فرشتہ تھا۔ بقول شخصے ؎

    موت اس کی ہے کرے جس کا زمانہ افسوس

    یوں تو دنیا میں سبھی آئے ہیں مرنے کے لیے

    اور اسی طرح بقول شخصے ؎

    عمر بھر سنگ زنی کرتے رہے اہل وطن

    یہ الگ بات ہے کہ دفنائیں گے اعزاز کے ساتھ

    بہر حال ہم لوگوں نے استاد محترم سے بہت کچھ سیکھا اگر چہ اب مرحوم ہو چکے ہیں اللہ انھیں جنت الفردوس میں خاص جگہ عطا فرمائے کیوں کہ  بقول شخصے ـ:

    ”خدا بخشے بہت سی خوبیاں تھیں مرنے والے میں“

    ان کی ایک خوبی یہ بھی تھی کہ وہ نہایت شفقت سے پیش آتے تھے۔ وہ ڈاکٹر نہیں تھے۔ غم روزگار نے انھیں پی ایچ ڈی کرنے کا موقع ہی نہیں دیا تھا۔ صرف ایم اے کی ڈگری کی بنیاد پر لکچرر ہو گئے تھے۔ وہ ہم لوگوں سے اکثر کہا کرتے تھے تم لوگ ریسرچ کی وادی میں جب قدم رکھنا تو صبر اور تحمل کی صفت پہلے اپنے اندر پیدا کر لینا کیوں کہ  تحقیق کے مراحل بڑے صبر آزما ہوتے ہیں۔ مزید یہ بھی کہتے تھے کہ موجودہ دور میں جنھوں نے پی ایچ ڈی کی ڈگری لے رکھی ہے اور زبان و ادب کا گہرائی و گیرائی سے مطالعہ نہیں کیا ہے، وہ بڑی حسرت و یاس کی زندگی گزار رہے ہیں۔ ان کی اس قابل عبرت زندگی کو دیکھ کرنئی نسل روزانہ پی ایچ ڈی سے بچنے کی دعا کرتی ہے بقول شخصے ؎

    میرے اللہ پی ایچ ڈی سے بچانا مجھ کو

    بعدبی اے کے تجارت پہ لگانا مجھ کو

    ابھی چند روز پہلے کی بات ہے، راقم کے ایک دوست کے بھائی جو ملک کی ایک مایہ ناز یو نیورسٹی سے اردو میں پی ایچ ڈی کر چکے ہیں، حالات سے مجبور ہو کر دہلی کے ایک مشہور یونانی دواخانہ میں بسلسلۂ ملازمت گئے۔ دواخانے کے مالک نے صاف صاف کہا کہ” بھئی! آپ کے لئے تو کوئی مناسب جگہ ہمارے یہاں نہیں ہے۔“ اس پر انھوں نے کہا کہ” ارے بھئی کوئی غیر مناسب جگہ ہی دے دیجئے ۔ میں تو ڈیلیوری بوائے کے طور پربھی کام کرنے کو تیار ہوں ۔“

    ” نہیں بھئی اگر آپ پی ایچ ڈی نہ ہوتے تو میں ضرور رکھ لیتا ۔“ انھوں نے سنجیدگی سے جواب دیا۔ بے چارے مایوس ہو کر لوٹ آئے ۔ بقول شخصے؎

    صرف اپنوں کے تقرر کا ارادہ ہوگا

    اور اخبار میں اعلانِ ضرورت دیں گے

    پھر اگلے دن ایک اور صاحب ملازمت کے سلسلے میں مشورہ کے لیے آئے۔ رسمی تعارف کے بعد ہم نے پوچھا کہ آپ نے کہاں سے تعلیم حاصل کی ہے؟ کہنے لگے ہائی اسکول بھکاری داس سکنڈری اسکول سے،انٹر میڈیٹ دولت رام انٹر کالج سے، بی اے لچھمی دیوی ڈگری کالج سے اور ایم اے، ایم فل، پی ایچ ڈی ، دہلی کی ایک معروف یونیورسٹی سے کیا ہے۔ میں نے پوچھا کہ ایم فل کے مقالے کا موضوع کیا تھا کہنے لگے ”اردو افسانوں میں عورتوں کے مخصوص مسائل کا تنقیدی تجزیہ( منٹو کے افسانوں کی روشنی میں)“۔ میں نے کہا واہ، شاباش !پھر تو آپ نے منٹو کے افسانوں کے تمام مجموعوں کا بطور خاص مطالعہ کیا ہوگا؟ انھوں نے کہا، نہیں! بلکہ ہر مجموعے سے ایک دو افسانےکو چن کر پڑھ لیتا تھا اور کام چل جاتا تھا۔ البتہ کالی شلوار ، ٹھنڈا گوشت، ہتک ، اوپر نیچے درمیان، وغیرہ ہم نے کئی بار پڑھے ہیں۔ میں نے اپنی ہنسی پوری طاقت سے روکی کیوں کہ  جناب روزگار نہ ملنے کی وجہ سے نہایت غمگین تھے۔ مجبوراَہم نے گفتگو کا موضوع تیزی سے بدل دیا اور اسی وقت ایک پبلشر سے بات کی اور پتہ لکھ کر انھیں دیتے ہوئے کہاکہ آپ وہاں چلے جائیں اور پروف ریڈنگ کا کام شروع کر دیں۔ وہاں سے زیادہ تر ادبی کتابیں شائع ہوتی ہیں۔ ادبی مسودات کی تصحیح کرنے سے آپ کو بہت فائدہ ہوگا۔ اسی کے ساتھ آپ یو نیورسٹی وغیرہ میں درخواست دیتے رہیں اور کچھ وقت نکال کر گھر پر بھی مطالعہ جاری رکھیں۔ یقیناََ اللہ پاک آپ کی مدد فرمائے گا۔کیوں کہ  بقول شخصے ؎

    بے کار مباش کچھ کیا کر

    کپڑے ہی ادھیڑ کر سیا کر

    مگر جناب اپنی ڈاکٹری کے زعم میں پروف ریڈنگ کے کاکام کو اپنے معیار کا نہ سمجھ کر پبلشر دوست کے یہاں جانے سے کترانے لگے۔ ہم نے جب بہت ضد کی تو کہنے لگے میری آج طبیعت ناساز سی لگ رہی ہے، ڈاکٹر کے پاس جانا چاہتا ہوں۔ یہ کہہ کر گھر سے نکلے مگر کس ڈاکٹر کے پاس جانا ہے، یہ تو پتہ نہیں تھا۔ سامنے جس ڈاکٹر کی کلینک نظر آئی ، داخل ہو گئے۔ ڈاکٹر نے پوچھا، کہیے میں کیسے آپ کی مدد کر سکتا ہوں؟ فرمانے لگے، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ڈاکٹر نے تو کبھی اتنے پیار سے بات نہیں کی تھی، کیا آپ سچ میں ڈاکٹر ہیں؟ کہا ، جی میں ڈاکٹر ہوں اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائیکالوجیکل ریسرچ، پونے سے نفسیات میں پی ایچ ڈی کی ہے۔ آپ بتائیں، کیسے آنا ہوا آپ کا؟ یہ سن کر ہمارے ڈاکٹر صاحب کی باچھیں کھل گئیں، وہ منٹو کی پوری کائنات سے ان کو متعارف کرانے پر آمادہ ہو گئے۔ اور ”بقول شخصے “کے سہارے منٹو کی نفسیات کوان کے سامنے پیش کرنے پر تُل گئے۔لیکن ڈاکٹر، ان کی فلسفیانہ باتوں کےتحمل پر تیار نہیں تھا۔ آغاز میں تو اس نے ان کی بیماری پکڑنے کے لیے غور سے سنا لیکن” بقول شخصے“ کی گردان نے اس کے دماغ کے تار کو ہلانا شروع کر دیا۔ جب تک وہ اس کشمکش سے خود کو باہر نکالتا، ہمارے ڈاکٹر صاحب نےمنٹو کے افسانے” کھول دو“ کا نفسیاتی مطالعہ پیش کر تے ہوئے کہا کہ افسانے کی مرکزی کردار ”سکینہ“ کا باپ اس کی حالت دیکھ کر شرم سے پانی پانی تو ہوگیا تھا لیکن بقول شخصے وہ خود بھی پچھلے فساد میں فسادیوں کے ساتھ تھا۔ ان کا اس طرح ادھوری نفسیات کے مطالعے کو دیکھ کر ڈاکٹر نے معذرت کرتے ہوئے ہاتھ جوڑ لیا کہ معاف فرمائیں جناب، آپ کا علاج یہاں نہیں ہو سکتا۔ کیوں کہ  ”بقول شخصے، جو اپنی نہیں سنتا، وہ کسی کی بھی نہیں سنتا ۔“ ڈاکٹر کی زبان سے ”بقول شخصے“ سن کر وہ شرم سے پانی پانی ہو گیااور تھک ہار کر پبلشر کے آفس کے راستے کی طرف چل نکلا۔

     

  • طوفان بن جاؤ

    طوفان بن جاؤ

    یحییٰ ابراہیم سنوار

    میں یحییٰ ہوں، ایک پناہ گزیں کا بیٹا، جس نے اجنبیت کو ایک عارضی وطن بنالیا اور خواب کو ایک ابدی معرکے میں بدل دیا۔ جب میں یہ الفاظ لکھ رہا ہوں تو اس وقت میری زندگی کا ہر لمحہ میری نگاہوں کے سامنے ہے۔ گلیوں کے درمیان گزرنے والا بچپن، پھر جیل کے طویل سال، پھر خون کا ہر قطرہ، جو اس زمین کی مٹی پر بہایا گیا۔

    میں خان یونس کے کیمپ میں 1962ء میں پیدا ہوا۔ یہ وہ زمانہ تھا جب فلسطین محض ایک یاد تھی جو تار تار کردی گئی تھی۔ محض کچھ نقشے تھے جو سیاست دانوں کی میزوں پر فراموش حالت میں پڑے تھے۔ میں وہ شخص ہوں جس نے اپنی زندگی کو آگ اور راکھ کے بیچ میں گزارا اور بہت پہلے یہ جان لیا کہ غاصبوں کے سائے میں زندگی گزارنے کا مطلب ایک ہمیشہ کی جیل میں رہنا ہے۔ میں نے کم سنی کے دور میں ہی یہ جان لیا تھا کہ اس سرزمین پر زندگی گزارنا کوئی عام سی بات نہیں ہے۔ جو بھی یہاں پیدا ہوگا اسے اپنے دل کے اندر ناقابلِ شکست ہتھیار اٹھانا ہوگا اور یہ سمجھنا ہوگا کہ آزادی کا راستہ طویل ہے۔

    آپ سب لوگوں کے نام میری وصیت اس لڑکے سے شروع ہوتی ہے، جس نے غاصب پر پہلا پتھر پھینکا اور جس نے یہ سیکھا کہ پتھر ہی وہ پہلے الفاظ ہیں جن کے ذریعے ہم اپنی بات اس دنیا کو سناسکتے ہیں، جو دُنیا ہمارے زخموں کو دیکھ رہی ہے مگر خاموش تماشائی ہے۔ میں نےغزہ کی سڑکوں پر یہ سیکھا کہ انسان کو اس کی عمر کے ماہ و سال سے نہیں ناپا جاتا ہے، بلکہ اس سے ناپا جاتا ہے کہ وہ اپنے وطن کے لیے کیا پیش کرتا ہے۔ میری زندگی اسی سے عبارت تھی، جیل اور جنگیں، تکلیف اور اُمید۔

    میں نے سب سے پہلے 1988ء میں جیل میں قدم رکھا اور اسی قید کے دوران مجھے عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ لیکن الحمدللہ، میں نے ڈر کو قریب تک پھٹکنے نہیں دیا۔ ان تاریک کوٹھڑیوں کے اندر، مَیں ہر دیوار میں کھڑکی دیکھتا تھا، جس سے دُور کا روشن اُفق دکھائی دیتا تھا۔ ہر سلاخ میں سے روشنی پھوٹتے دیکھتا تھا، جو آزادی کا راستہ روشن کرتی تھی۔ جیل میں رہتے ہوئے میں نے سیکھا کہ صبر محض ایک اخلاقی خوبی نہیں ہے بلکہ وہ ایک بہت مؤثر اور قیمتی ہتھیار ہے، کڑوا مشروب ، جیسے کوئی سمندر کو قطرہ قطرہ کرکے پی لے۔

    حماس کے سربراہ (29؍اکتوبر 1962ء، خان یونس۔ 16؍اکتوبر 2024ء شہید) ترجمہ: ڈاکٹر محی الدین غازی

    تمھارے لیے میری وصیت ہے کہ جیلوں سے خوف نہ کھاؤ۔ جیل تو آزادی کی منزل تک لے جانے والے ہماری طویل جدوجہد کا ایک مرحلہ ہے۔ جیل نے مجھے سکھایا ہے کہ آزادی محض ایک حق نہیں جسے چھین لیا گیا، وہ تو ایک آئیڈیا ہے جو تکلیف کی کوکھ سے جنم لیتا ہے اور صبر سے اس کی دھار تیز کی جاتی ہے۔ جب 2011ءمیں ’احرار کی وفاداری‘ نامی سودے کے تحت میں جیل سے نکلا تو میں پہلے جیسا نہیں رہا تھا۔ جب میں باہر نکلا تو میری شخصیت میں زیادہ اعتماد پیدا ہوچکا تھا اور اس جدوجہد پر میرا یقین کہیں زیادہ بڑھ چکا تھا کہ ہم جو کچھ کررہے ہیں وہ ایک وقتی کش مکش نہیں ہے بلکہ یہ ہماری قسمت ہے، جس کی لاج ہم اپنے خون کے آخری قطرے تک رکھیں گے۔

    میری وصیت ہے کہ بندوق کو مضبوطی سے تھامے رہو۔ اس عظمت کے ساتھ، جس پر کوئی سودا نہ ہو اور اس خواب کے ساتھ جو کبھی موت کا منہ نہ دیکھے۔ دشمن چاہتا ہے کہ ہم مزاحمت سے دست بردار ہوجائیں اور اپنے قضیے کو کبھی ختم نہ ہونے والے مذاکرات کے حوالے کردیں۔ لیکن میں آپ سے کہتا ہوں: جو تمھارا حق ہے اس پر کمزوری دکھانے کے لیے مذاکرات نہ کرنا۔ وہ تمھارے ہتھیاروں سے زیادہ تمھاری استقامت سے خائف ہیں۔ مزاحمت محض ہتھیار نہیں، جو ہم اُٹھائے ہوئے ہیں۔ مزاحمت تو فلسطین کے لیے ہماری محبت ہے جو ہماری ہر سانس کے ساتھ تازہ ہوتی ہے۔ مزاحمت تو ہمارا یہ ارادہ ہے کہ حصار و ظلم کے باوجود ہمیں زندہ رہنا ہے۔

    میری وصیت ہے: تم ہمیشہ شہیدوں کے خون کے لیے وفادار رہنا اور اس راہ پر چلتے رہنا۔  یہ کبھی نہ سوچنا کہ جانے والے ہمارے لیے کانٹے چھوڑ گئے ہیں، نہیں بلکہ یہ یقین رکھنا کہ انھوں نے اپنے لہو سے ہمارے لیے آزادی کا راستہ ہموار کردیا ہے۔ سیاست دانوں کے مفادات کی خاطر اور ڈپلومیسی کے کھیلوں میں آکر ان قربانیوں کو رائیگاں نہ جانے دو۔ ہمارا کام یہ ہے کہ ہم سے پہلے لوگوں نے جس عظیم جہاد کا آغاز کیا اسے تکمیل تک پہنچائیں اور اس راہ سے ذرہ برابر نہ ہٹیں، چاہے اس کے لیے کتنی ہی بھاری قیمت چکانی پڑے۔ غزہ استقامت کا مرکز اور فلسطین کا سدا دھڑکتا دل پہلے بھی تھا اور آئندہ بھی رہے گا، چاہے یہ وسیع و عریض سرزمین ہمارے لیے کتنی ہی تنگ ہوجائے۔

    جب میں نے 2017ء میں غزہ میں حماس کی قیادت سنبھالی تو وہ محض قیادت کی تبدیلی نہیں تھی بلکہ اُس مزاحمت کا تسلسل تھا جو پتھر سے شروع ہوئی تھی اور بندوق سے جاری رہی۔ حصار میں گھری میری قوم کا درد مجھے روز بے چین کرتا ہے۔ میں جانتا ہوں کہ آزادی کی طرف اُٹھنے والا ہمارا ہر قدم قیمت چاہتا ہے۔ لیکن میں تم سے کہے دیتا ہوں: ہار مان لینے کی قیمت اس سے بہت بڑی ہوگی۔ اس لیے اس زمین سے چمٹے رہو جس طرح جڑیں مٹی سے جڑی رہتی ہیں۔ جو قوم زندہ رہنے کا فیصلہ کرلیتی ہے اسے کوئی آندھی اکھاڑ نہیں پاتی ہے۔

    طوفان اقصٰی کے معرکے کے دوران میں کسی جماعت یا تحریک کا قائد نہیں۔ میں تو ہر اس فلسطینی کی آواز ہوں جو آزادی کا خواب اپنے دل میں سجائے ہے۔ میرے ایمان نے مجھے یہ راہ دکھائی ہے کہ مزاحمت محض ایک اختیاری راستہ نہیں بلکہ یہ ایک فریضہ ہے۔ میں نے چاہا کہ یہ معرکہ فلسطینی کش مکش کی کتاب میں ایک نیا ورق بن جائے۔ تمام مزاحمتی گروپ یک جان ہوجائیں، سب ایک خندق کے رفیق بن جائیں اور اس دشمن کا سامنا کریں، جس نے کبھی بچے اور بوڑھے کا یا پتھر اور پیڑ کا فرق روا نہیں رکھا۔

    میں نے کوئی ذاتی ورثہ نہیں چھوڑا بلکہ اجتماعی وراثت چھوڑ رہا ہوں۔ ہر اس فلسطینی کے لیے جس نے آزادی کاخواب دیکھا۔ ہر اس ماں کے لیے جس نے اپنے شہید بچے کو اپنے کندھوں پر اُٹھایا۔ ہر اس باپ کے لیے جس نے اپنی بچی کو مکار دشمن کی گولی کھاکر تڑپتے دیکھا اور غم کی شدت سے رو پڑا۔

    میری وصیت ہے: اس بات کو ہمیشہ یاد رکھنا کہ ظلم و زیادتی کے خلاف مزاحمت کا راستہ ہی زندگی ہے۔ یہ محض ایک گولی نہیں ہے جو چلادی جائے، بلکہ یہ تو ایک زندگی ہے جسے عزّت و عظمت کے ساتھ ہم جی رہے ہیں۔ جیل اور حصار نے مجھے سکھایا ہے کہ یہ معرکہ طویل ہے اور راستہ دشوار ، لیکن میں نے یہ بھی سیکھا کہ جو قومیں ہار ماننے سے انکار کردیتی ہیں وہ اپنے ہاتھوں سے کرشمے تخلیق کرتی ہیں۔

    دُنیا سے توقع مت رکھنا کہ وہ تمھارے ساتھ انصاف کرے گی۔ میں نے اپنی زندگی میں اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے کہ دنیا کس طرح ہمارے رنج و اَلم کو خاموش تماشائی کی طرح دیکھتی رہی ہے۔ انصاف کا انتظار مت کرو بلکہ تم خود انصاف بن جاؤ۔ اپنے دلوں میں فلسطین کا خواب سجاکر رکھو۔ ہر زخم کو ہتھیار بنادو اور ہر آنسو کو امید میں بدل دو۔

    یہ میری وصیت ہے: اپنے ہتھیار دشمن اور دشمن کے حلیفوں کے حوالے مت کرنا۔ اپنے ہاتھ سے پتھر نہ چھوڑنا۔ اپنے شہیدوں کو نہ بھول جانا اور اس خواب پر کوئی سودا نہ کرنا جو تمھارا حق ہے۔ ان شاء اللہ! ہم یہاں  بھی باقی رہیں گے، اپنی سرزمین میں بھی اور اپنے دلوں اور اپنے بچوں کے مستقبل میں بھی۔

    میں آپ کو وصیت کرتا ہوں کہ فلسطین کا ہرحال میں تحفظ کرنا۔ اُس سرزمین کا جس سے میں نے موت کی حد تک عشق کیا ہے۔ اُس خواب کا جس کو میں اپنے کندھوں پر اٹھائے رہا، اُس پہاڑ کی طرح جو جھکتا نہیں ہے۔ اور اگر میں گرجاؤں تو تم لوگ میرے ساتھ مت گرجانا بلکہ میرے ہاتھ سے پرچم تھام لینا جو کسی دن زمین پر نہیں رہا۔ میرے خون سے ایک پُل تعمیر کرنا جو اس طاقت ور نسل کی راہ گزر بنے جو ہماری راکھ سے پیدا ہوگی۔

    جب طوفان دوبارہ برپا ہو اور میں تمھارے درمیان نہ رہوں تو سمجھ لینا کہ میں آزادی کی موجوں کا ایک قطرہ تھا اور میں اسی کے لیے زندہ رہا تاکہ تمھیں سفر کی تکمیل کرتے دیکھوں۔ یاد رکھو! ہم خبروں میں زخمیوں اور شہیدوں پر مشتمل درج کیے جانے والے اعداد و شمار نہیں ہیں۔ غاصبوں کے حلق کا کانٹا بنے رہو۔ ایسا طوفان بن جاؤ جو پلٹنا نہیں جانتا اور اس وقت تک پُرسکون نہ بیٹھنا جب تک دنیا یہ نہ جان لے کہ ہم حق پر ہیں۔

     

  • یوپی میں  یوگی حکومت کی  ڈیجیٹل میڈیا پالیسی

    یوپی میں  یوگی حکومت کی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی

    نام نہاد مین اسٹریم میڈیا پر تسلط جمانے کے بعد حکومت نے اب سوشل میڈیا پر سرگرم Digital Influencersکو خریدنے کی تیاری کر لی ہے ۔یوگی حکومت نے سوشل میڈیا پر اچھی پہنچ رکھنے والے ایسے افراد کوماہانہ آٹھ لاکھ روپئے تک ادا کرنے کامنصوبہ بنایا  ہے ۔گذشتہ 27؍ اگست کو لکھنؤ میں ہونے والی یوگی حکومت کی کابینہ میٹنگ میں ’ یو پی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی 2024‘ کو منظوری دے دی گئی ۔ اس پالیسی کے تحت سوشل میڈیا پر یوگی حکومت کی پالیسی اور منصوبوں کا پرچار کرنے والے  Digital Influencers کو آٹھ لاکھ روپئے تک کی ماہانہ ادائیگی کی جائے گی ۔ نئی ڈیجیٹل پالیسی میں سوشل میڈیا پر ملک مخالف ، سماج مخالف اور توہین آمیز مواد پوسٹ کرنے پر تین سال سے لے کر عمر قید تک کی سزا دئے جانے کا ضابطہ مقرر کیا گیا ہے ۔ کابینہ سے منظور ہونے کے بعد پالیسی کے نفاذ کی تیاریاں زور شور سے شروع کر دی گئی ہیں۔’ یو پی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی ‘  کے تحت یوگی حکومت کی کار کردگیوں کی حمایت اور سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارموں پراس کا پر چار کرنے والوں کو ہر ماہ خطیر رقم سے نوازا جائے گا ۔ نئی پالیسی کے مطابق جہاں ایک طرف یوگی حکومت کا پرچار کرنے والوں کو مالی فائدہ پہنچانے کا بندوبست کیا گیا ہے ، وہیں دوسری جانب ملک مخالف اور توہین آمیز مواد پوسٹ کرنے والوں کے خلاف تین سال سے عمر قید تک کی سزا کا بندو بست کیا گیا ہے ۔

    نئی میڈیا پالیسی میں ایسے ضابطے بنائے گئے ہیں جس کی آڑ لے کر یوگی حکومت کی پالیسی کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو دبایا جا سکے ۔نئی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کے تحت ایکس،انسٹاگرام ، یو ٹیوب ،فیس بک ،ایکس اور پوڈ کاسٹ کے ذریعے یوگی حکومت کی پالیسی کا پرچار کرنے والے Digital Influencers کوماہانہ تنخواہ دی جائے گی۔ اس کے لیے حکومت نے اپنا ٹیرف بھی شائع کر دیا ہے ۔ ریاست کے پرنسپل سکریٹری ( انفارمیشن ) سنجئے پرساد کے مطابق فیس بک ، ایکس اور انسٹا گرام پر یوگی حکومت کی حصولیابیوں کاپرچار کرنے والے افراد کو بالترتیب ہر ماہ پانچ لاکھ ، چار لاکھ ، تین لاکھ اور دو لاکھ روپئے ادا کئے جائیں گے ۔ یو ٹیوب ویڈیوز ، شارٹ ریلس اورپوڈ کاسٹ کے لیے بالترتیب آٹھ لاکھ ، سات لاکھ ، چھ لاکھ اور چار لاکھ رروپئے ماہانہ کے حساب سے ادائیگی کی جائے گی ۔نئی ڈیجیٹل پالیسی کے تحت یوگی حکومت ہر اس شخص کے خلاف سخت قانونی کارروائی کر ے گی جو سوشل میڈیا پر ملک مخالف یا توہین آمیز مواد پوسٹ کرے گا ۔اس کے لیے عمر قید تک کی سزا کا علان کیا گیا ہے ۔ ماضی میںایسی کئی مثالیں موجود ہیں جب مسلم نوجوانوں کے خلاف اس طرح کی تادیبی کارروائیاں کی گئی ہیں ۔یہ بات جگ ظاہر ہے کہ یوگی حکومت ’ملک مخالف ‘ اور ’توہین آمیز ‘ جیسی مبہم اصطلاحات کی توضیح اپنے سیاسی مقاصد کے لیے کرتی ہے ،جس میں عموماً مسلمانوں کو ہی نشانہ بنایا جاتا ہے ۔اس پالیسی کے تحت یوگی حکومت کی مدح سرائی کرنے والوں کو تو سرکاری خزانے سے بھاری بھرکم رقمیں فراہم کی جائیں گی لیکن جو افراد یوگی حکومت کی پالیسی سے اختلاف کریں گے یا ریاستی جبر کے خلاف آواز اٹھائیں گے ان کے لئے سخت سزاؤں کا بندو بست کیا گیا ہے ۔ نئی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کے ذریعے اظہار رائے کی آزادی کو کچلنے کی تیاری بڑی بے رحمانہ طریقے سے کی گئی ہے ۔ اس پالیسی کے عمل میں آجانے سے سوشل میڈیا پر فعال آزاد صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنان لیے یوگی حکومت کی پالیسی پر تنقید کرنا مشکل ہو جائے گا ۔ ایسے حقائق بھی سامنے لانا مشکل ہو جائے گا جس پر حکومت پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہو۔ اس پالیسی کی بنیاد پرپولیس ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرے گی۔اور انھیں سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا جائے گا ۔ یو پی ڈیجیٹل میٖڈیا پالیسی آئین میں دی گئی اظہار رائے کی آزادی اور جمہوری قدروں کی صریح خلاف ورزی ہے ۔اس میں کھلے طور پر ایسے لوگوں کو پیسے کا لالچ دیا گیا ہے جو حکومت کی چاپلوسی کریں ۔اس پالیسی میں باقاعدہ زمرہ بنا کر ایسے لوگوں کی قیمت طے کر دی گئی ہے، جو حکومت کی مدح سرائی مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارموں سے کریں گے ۔اس پالیسی کے تحت حکومت سے مراعت پانے والوں کا ایک ایسا ٹولہ وجود میں آ جائے گا جو حکومت کی حصولیابی کی آڑ میں دن رات منافرت پھیلانے کا کام بھی کرے گا۔چوں کہ اس ٹولے کو حکومت اور پولیس کا تحفظ حاصل ہوگا، ایسے میںان کے خلاف قانونی کارروائی  کی ہمت کو ن کر ے گا؟ ۔یوگی حکومت اپنی سر پرستی میںایک ایسی ’ ڈیجیٹل آرمی ‘ تشکیل دے رہی ہے جو ایک مخصوص آبادی کے خلاف منافرت پھیلانے کا کام کرے گی ۔

    یو پی کی نئی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کے خلاف اپوزیشن پارٹیوں نے ابھی تک صرف رسمی بیانات جاری کئے ہیں ۔سماج وادی پارٹی اور کانگریس نے یو گی حکومت کی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کی مذمت کی ہے ۔لیکن اس کے نفاذ کو روکنے کے لیے کسی عملی اقدام کا ذکر نہیں کیا ہے۔مسلمانوں کے تعلق سے سماج وادی پارٹی کا رویہ نہ صرف افسوس ناک رہاہے بلکہ بعض موقعوں پر نظر انداز کرنے والا بھی ہوتاہے۔پارٹی کی قیادت جانتی ہے کہ یو پی کا مسلمان سپا کو ووٹ دینے پر مجبور ہے ۔اس کا ثبوت پچھلے لوک سبھا چناؤ میں اسے زبر دست کا میابی کی شکل میں مل گیا ہے ۔ سماج وادی پارٹی کے ترجمان عمیق جامعی نے نئی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کی مذمت کی ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ ’’ نئی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی میں قلم کو گروی رکھنے کا سرکاری ریٹ طے کر دیا گیا ہے ‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ حکومت کو اس پالیسی کو واپس لینا ہو گا‘‘۔ نئی ڈیجیٹل پالیسی میں حکومت کا پرچار کرنے والے ڈیجیٹل اثر اندازوں کو تو مالی فائدہ پہنچایا جائے گا اور ان کو حکومت کی پشت پناہی بھی حاصل ہوگی ۔جبکہ حکومت کی پالیسی سے اختلاف رکھنے والوں کو عمر قید تک کی سزا دی جا سکتی ہے ۔پالیسی میں واضح کیا گیا ہے کہ ملک مخالف اور توہین پر مبنی مواد پوسٹ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ظاہر ہے کون سا مواد ملک مخالف ہے اور کون سا توہین آمیز ،اس کا فیصلہ یوگی حکومت اور پولیس کو طے کرنا ہے ۔لیکن یہ بات سبھی جانتے ہیں کہ حکومت کی منشا اور اس کا اشارہ کس کی جانب ہے ۔ ماضی میں یوگی حکومت نے ان الزمات کا نشانہ مسلم طبقے کو بنایا ہے ۔ یہ پالیسی ایک طرف جمہوری آوازوں کو دبانے کا کام کرے گی وہیں دوسری طرف اسے مسلمانوں کے خلاف عمل میں لایا جائے گا ۔فی الحال یوگی حکومت اس پالیس کو نافذ کرنے میں پر عزم دکھائی دے رہی ہے ۔ حکومت کی جانب سے یہ بھی عندیہ دیا گیا ہے کہ اس پالیسی کا دائرہ دوسری ریاستوں کے علاوہ بیرون ملک تک بڑھایا جا سکتا ہے ۔یعنی یوگی حکومت کا پرچار کرنے والے Digital Influencersکو بیرون ملک بھی مالی فائدہ پہنچانے کا منصوبہ ہے ۔

    یوگی حکومت کی نئی ڈیجیٹل پالیسی کا مجموعی جائزہ لینے کے بعد سب سے بڑی تشویش یہ پیدا ہوتی ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم پر حکومت کی پالیسی کی حمایت میں پرچار کرنے والے افرادکو حکومت کا تحفظ حاصل ہوگا اور ان کو آٹھ لاکھ روپئے تک کی ماہانہ ادائیگی کی جائے گی ۔اس کے بر عکس سوشل میڈیا پر حکومت کی پالیسی سے اختلاف یا تنقید کرنے والے افراد کو سنگین قسم کے مقدمات کا سامنا ہوگا۔ان حالات میں ایک بڑا سوال یہ اٹھتا ہے کہ سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنے کے لیے ملک میں آئی ٹی ایکٹ کے تحت سخت قوانین پہلے ہی سے موجود ہیں ، تو ایسے میں نئی پالیسی بنا کر نئے قوا نین کو نافذ کرنے کی کیا ضرورت آن پڑی ؟ظاہر ہے ایسے میں یوگی حکومت کی منشا پر سوال ضرور اٹھیں گے ۔ بعض تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ لوک سبھا چناؤ میںبی جے پی کی کراری ہار نے سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت پر سوالیہ نشان لگا دئے ہیں ۔ 2027کا یو پی اسمبلی چناؤ جیتنایوگی کی سیاسی بقا کے لیے بہت ضروری ہے ۔ اگر یوگی حکومت کی عوامی مقبولیت کو لوک سبھا چناؤ کے نتائج کی روشنی میں دیکھا جائے تو یوگی کے لیے اسمبلی چناؤ جیتنا ایک بڑا سیاسی چیلنج ہوگا ۔ اپنی سیاسی بقا کے لیے یوگی آدتیہ ناتھ ہر قیمت پر اسمبلی چناؤ میں جیت حاصل کرنا چاہیں گے ۔ اس کے لیے  انہوں نے ابھی سے تیاریاں شروع کر دی ہیں ۔ سوشل میڈیا کے اثر کو دیکھتے ہوئے یوگی حکومت نے اپنے پرچار کے لیے ایک ایسا متوازی سسٹم بنانے کی تیاری کر لی ہے جو غیر سرکاری سطح پر ان کی اور حکومت کی مبینہ حصولیابیوں کا پرچار کر سکے ۔ اس پالیسی کا سب سے خطر ناک پہلو یہ ہے کہ یوگی حکومت کی پالیسی سے اختلاف رکھنے والوں کو فرضی مقدمات میں پھنسایا جا سکتا ہے ۔سوشل میڈیا پر یوگی حکومت کے ناقدین کی کمی نہیں ہے۔بہت سے ایسے آزاد صحافی یا سماجی کارکنان ہیں جو سوشل میڈیا پربے حد مقبول ہیں اور ان کو پسند کرنے والوں کی تعداد بھی لاکھوں میں ہے ۔اس پالیسی کے ذریعے ان پر قدغن لگانے میں آسانی ہو جائے گی ۔ نئی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کا جائزہ لینے کے بعد ایک خدشہ اور بھی ابھرتا ہے کہ کہیں ایسا تو نہیں کہ اس پالیسی کی آڑ میں یوگی حکومت ان مسلم نوجوانوں کے خلاف بڑی کارروائی کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہو جو سوشل میڈیا پر اپنے آئینی اور جمہوری حقوق کے لیے لگاتار ّآوازیں اٹھا رہے ہیں ۔ اگر ایسا ہوا تو آنے والے دن جمہوری قدروں کے لیے بدترین ہوں گے ۔

  • ناشر کا خط

    ناشر کا خط

    قارئین کرام

    سلام مسنوں

    بنگلہ دیش میں طلباء کی عوامی تحریک کے ذریعہ حسینہ واجد کی مطلق العنان حکومت کے خاتمہ کے بعد اس وقت محمد یونس کی قیادت میں  ایک عبوری حکومت برسراقتدار ہے۔ عبوری  حکومت کے سامنے ایک چیلنج تین سے چار ماہ کے عرصہ میں  انتخاب کروانا ہے تو دوسری  طرف 15, برس کی تاناشاہی نے پولس اور بیوروکریسی کے اندر جو رعونت، ظلم و جبر اور کرپشن کی جو روایت پروان چڑھائی ہے اس کی اصلاح اور ایسے افسران جن کے خلاف لا تعداد شکایتیں ان پر حکمت کے ساتھ قانونی  کاروائی  بھی کرنا ہے۔ محمد یونس کا خیال ہے کہ ان تمام کاموں  کے لئے 6, برس لگ سکتے  ہیں، جب کہ بی این پی کی قائد خالدہ ضیا جلد از جلد انتخاب چاہتی ہیں البتہ جماعت اسلامی  کے امیر کا خیال ہے کہ ماننا ہے کہ دو سال کا عرصہ مذکورہ اصلاحات  کے لئے کافی ہوگا۔ انقلاب کی روح روان طلبا برادری پولس اور تعلیمی  اداروں  کے سربراہ جنہوں نے زیادتیاں  کیں اور متعدد طلبا کے قتل کے مرتکب ہوئے ان کے خلاف فوری  کاروائی کی جائے۔ تیسری  طرف بھارت سمیت کئی دیگر ممالک جن سے رشتوں  میں کھٹاس پیدا ہوئی ہے، ان کے تعلق سے بھی عملی رویہ اختیار کرنا۔ سینئر صحافی سید خالد حسین  نے سرورق کی کہانی ” نیا بنگلہ دیش ۔ توقعات و خدشات ان تمام پہلوؤں پر سیر حاصل بحث کی ہے۔

    گزشتہ دنوں ایک اہم مصنف، قلم کار اور کئی اہم موضوعات پر دستاویزی کتابیں  تحریر کرنے والی  شخصیت جنہیں سینئر  صحافی نے افتخار گیلانی نے بجا طور علم کا سمندر کہا ہماری مراد محترم اے جی نورانی سے ہے 93, برس کی عمر میں  اللہ کو پیارے ہوگئے۔ افتخار گیلانی ان کی زندگی کے ان گوشوں کو اجاگر کیا ہے جو اگر سامنے نہیں  آتے تو قارئین ان اہم، دلچسپ اور انوکھی معلامات سے شاید محروم رہ جاتے۔ اس تحریر کا مطالعہ دلچسپی سے خالی نہیں  ہوگا۔

    بحث و نظر کے کالم میں اس بار مسلم پرسنل بورڈ  کے صدر اور نامور عالم دین و فقیہ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کا اہم اور چشم کشامضمون "وقف بل۔ حقائق اور غلط فہمیاں” ملاحظہ فرمائیں۔

    وطن، وطنیت اور حب الوطنی کا مسئلہ ہمیشہ متنازعہ رہا۔ بالخصوص  یوروپ میں ابھر ے نیشن اسٹیٹ کے تصور نے دو ہولناک عالمی جنگوں کا راستہ ہموار کیا تھا۔ ہندوستان  میں بھی حب الوطنی کے کے اکثر نئے نئے تقاضے اور مطالبات سامنے آتے ہیں۔ ابوظفرعادل  اعظمی نے اسلامی تعلیمات  کی روشنی میں وطن کیا ہے، وطن کی حدود کیا ہیں اور واقعی تقاضے کیا ہیں اس کا تجزیہ کیا ہے۔ البتہ ایک مسئلہ  ابھی باقی ہے حب الوطنی کب وطن پرستی میں تبدیل  ہوجاتی ہے۔ اقبال نے’ ان تازہ خداؤں میں  بڑا سب سے وطن ہے، کس تناظر میں  کہا ہے۔ بھارت  میں  جہان وطن نے ایک دیوتا کی حیثیت اختیار کرلی ہے، مسلمانوں سے بھی اکثر ایسے مطالبے کئے جاتے ہیں جو بجا طور پر ان عقیدہ توحید سے راست متصادم ہوتے ہیں۔ ان شاءاللہ کسی وقت ان پہلوؤں پر بحث چھیڑی جائے گی۔

    ان کے علاوہ کئی اہم عنوانات پر افکار کے نامہ نگاروں نے حالات حاضرہ پر بڑی اہم معلومات، واقعات اور ان کا تجزیہ پیش  کیاہے۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ملک میں ہونے اہم  ڈیولپمنٹ سے آپ کو صرف واقف ہی نہیں  کرایا جائے بلکہ فکر و عمل کے نئے نئے زاویئے بھی ابھارے جائیں۔ ان مضامین پر آپ کی آراء اور ریسپانس کا ہمیں  شدت سے انتظار رہے گا۔ آپ کے مراسلات شائع بھی کئے جائیں  گے۔

    والسلام

    ناشر

  • پیغام ربانی

    پیغام ربانی

    اے لوگو جو ایمان لائے ہو ، کافروں کی سی باتیں نہ کرو جن کے عزیز و اقارب اگر کبھی سفر پر جاتے ہیں یا جنگ میں شریک ہوتے ہیں)اور وہاں کسی حادثہ سے دو چار ہو جاتے ہیں( تو وہ کہتے ہیں کہ اگر وہ ہمارے پاس ہوتے تو نہ مارے جاتے اور نہ قتل ہوتے۔ اللہ اس قوم کی باتوں کو ان کے دلوں میں حسرت واندوہ کا سبب بنا دیتا ہے ، ورنہ دراصل مارنے اور جِلانے والا تو اللہ ہی ہے اور تمہاری تمام حرکات پر وہی نگراں ہے۔ اگر تم اللہ کی راہ میں مارے جاؤ یا مر جاؤ تو اللہ کی جو رحمت اور بخشش تمہارے حصہ میں آئے گی وہ ان ساری چیزوں سے زیادہ بہتر ہے جنھیں یہ لوگ جمع کرتے ہیں۔ اور خوا ہ تم مرو یا مارے جاؤ بہر حال تم سب کو سمٹ کر جا نا اللہ ہی کی طرف ہے۔

    (سورہ آل عمران آیت 156-158)

  • کشمیر اور گورنروں کا چولی دامن کا ساتھ

    کشمیر اور گورنروں کا چولی دامن کا ساتھ

    کئی سالوں کے جنگ و جدل کے بعد جب چھ اکتوبر1586 ء کو مغل افواج نے وادی کشمیر میں داخل ہوکر اس کو دہلی سلطنت میں شامل کردیا، تب سے ہی اس خطہ پر بیشتراو قات گورنروں یا صوبیداروں کے ذریعے حکومت کی گئی ہے۔ 1947کے بعد شیخ عبداللہ سمیت کئی افراد کو امید تھی، کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے کچھ ثمر ات کشمیر کو بھی  نصیب ہونگے اور مقامی آبادی کو بااختیار بناکر اپنے اوپر حکومت کرنے کا موقع دیا جائیگا۔ مگر اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ پچھلے 77سالوں میں کشمیر پر نئی دہلی نے گورنروں یا اپنے کسی پراکسی کے ذریعے 62سال تک براہ راست حکومت کی ہے۔ بھارت کی دیگر ریاستوں کی طرز پر جہاں مقامی منتخب وزیر اعلیٰ اپنی ریاست کے معاملات چلانے میں آزاد ہوتا ہے، ایسی حکومت کشمیر کو مشکل سے 15سال سے کم ہی نصیب ہوئی ہے۔

    افغان، سکھ اور ڈوگرہ دور کے گورنروں کے ظلم و ستم تو کشمیر کی لوک داستانوں کا حصہ ہیں۔جہاں افغا ن گورنر حاجی کریم داد خان، اعظم خان سمیت کئی اور صوبیداروں کے ہاتھ خون سے رنگین ہیں اور ان کی پالیسیوں کی وجہ سے کھیت و کھلیان سنسان ہوگئے، وہیں سکھ دور کے گورنر دیوان موتی رام اور کرپا رام نے جب گائے کے ذبیحہ پر پابندی لگائی تو گوشت رکھنے کی پاداش میں 19,افراد کو تختہ دار پر لٹکایا گیا۔ سرینگر کے ایک تاجر کو اس کے خاندان سمیت آگ کے حوالے کردیا گیا۔ خیر ان ظالم حاکموں کے ساتھ چند ایسے بھی لوگ تعینات کئے گئے، جن کے دل میں اللہ نے رحم کا مادہ بھی ڈالا تھا۔ ان میں سکھ دور کے آخری دو گورنر شیخ غلام محی الدین اور شیخ امام الدین تھے اور 1947کے بعد چند ایک کو بھی ان میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

    شیخ غلام محی الدین نے 22سال کے بعد جامع مسجد سرینگر کا تالہ کھلوا کر اور اس کی مرمت کرواکے وہاں نماز ادا کرنے کی اجازت دی۔ سکھوں کے پہلے گورنر نے اس کو پہلے اصطبل میں تبدیل کردیا تھا، بعد میں اس پر تالہ لگا کروہاں نماز ادا کرنے پر پابندی لگادی تھی۔ غلام محی الدین کی وفات 1845 ء کو سرینگر میں ہوئی اور بتایا جاتا ہے کہ جنازہ میں ایک عوامی سیلاب امنڈ پڑا تھا۔ ان کی قبر کوہ ماران یا ہاری پربت پہاڑی پر واقع شیخ حمزہ مخدوم کی درگاہ کے احاطے میں ہے۔جب برطانوی حکومت نے کشمیر کو ڈوگرہ حکمران گلاب سنگھ کو فروخت کیا تو امام الدین نے مقامی طور پر اس کے خلاف مزاحمت کی ۔ مگر بعد میں اس کو سختی کے ساتھ کچل دیا گیا اور امام الدین کو لاہور لے جایا گیا۔

    اس لئے جب حال ہی میں بھارت کی وزار ت داخلہ کے ایک حکم کے مطابق جموں و کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج کمار سنہا کے اختیارات میں اضافہ کیا گیا، تو اس خطے میں شاید ہی کسی کو حیرت ہوئی ہوگی۔ 2018سے کشمیر پر گورنروں کے ذریعے براہ راست نئی دہلی کی یا بالواسطہ طور پر وزیر اعظم نریندر مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت ہے۔ اس کا فائدہ اٹھا کر اس نے اسمبلی و پارلیمانی حلقوں کی جیری مینڈرنگ کرکے ان کو اپنے حق میں کرنے کی بھر پور کوششیں کی۔ اپنے پراکسیوں کو میدان میں اتار کر ان کے حق میں میدان تیار کیا۔ مگر پچھلے لوک سبھا انتخابات میں کشمیر کی تینوں سیٹوں پر اس کے پراکسیوں کو ہزیمت اٹھانی پڑی۔ جموں کی کئی سیٹوں پر بھی اس کے حمایت یافتہ امیدوارں کو نہایت ہی قلیل تعداد میں ووٹ پڑے۔ شمالی کشمیر سے محبوس آزاد امیدوار انجینیر رشید کی کامیابی نے تو اور بھی چولیں ہلا دیں۔ اس خطے میں شامل اسمبلی کی 18 نشستوں میں سے بس ایک ہی سیٹ پر بی جے پی کے پراکسی امیدوار کو معمولی برتری حاصل ہوئی۔

    بتایا جاتا ہے کہ لوک سبھا کے انتخابی نتائج کے بعد غور کیا جا رہا تھا کہ کسی طرح اب اسمبلی انتخابات کو موخر کیا جائے۔ مگر پچھلے سال جب سپریم کورٹ نے 5 اگست 2019 کے فیصلوں کو جائز قرار دیکر ، داخلی خود مختاری ختم کرنے کے حکومتی اقدام پر مہر لگادی تو اسی وقت حکومت سے عہد لیا کہ ستمبر 2024 تک کشمیر میں اسمبلی انتخابات کرواکے وہ منتخب نمائندوں کے حوالے اقتدار کرے۔ اب سانپ بھی مرے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے کے مصداق، مودی حکومت نے گورنر کو ہی اختیارات منتقل کردئے، تاکہ آئندہ منتخب وزیر اعلیٰ بطور ایک نمائشی عہدیدار کے مرکزی حکومت کے زیر اثر ہی رہے۔

    یہ ترامیم خاص طور پر جموں و کشمیر میں متوقع اسمبلی انتخابات کے تناظر میں نہایت ہی اہم ہیں۔ اس کی رو سے پولیس، پبلک آرڈر، ایڈووکیٹ جنرل یا اس کی مدد کے لیے دیگر لاء افسران کی تقرری کے کاغذات وزیر اعلیٰ اور چیف سیکرٹری ، لیفٹنٹ گورنر کے سامنے رکھیں گے۔ تقرری کا پروانہ اس کی صوابدید پر منحصر ہوگا۔ اسی طرح خاص کیسوں میں مقدمہ چلانے کی منظوری بھی لیفٹنٹ گورنر ہی عطا کرے گا۔اسکے علاوہ لیفٹنٹ گورنر ہی اعلیٰ افسران اور انتظامی سیکرٹریوں اور کیڈر کے عہدوں کی تعیناتی کرے گا۔ یعنی ان افسران کی سالانہ کارکردگی کی رپورٹ پر وزیر اعلیٰ یا متعلقہ وزیر کے بجائے لیفٹنٹ گورنر دستخط کریں گے۔ اب ان حالات میں کون افسر وزیر اعلیٰ کو خاطر میں لائے گا۔ مونسپل کارپوریشن کے چیئرمین یا پنچایت کے سرپنچ تو پھر بھی مقامی افسران کے ذریعے تعمیر و ترقی کے کاموں میں رقوم کو خرچ کرنے پر نظر رکھنے کے مجاز ہوتے ہیں۔

    ویسے بھی اگر چند گورنروں یعنی لکشمی کانت جھا اور نریندر ناتھ ووہرا کو چھوڑا جائے، تو کسی بھی گورنر کے جمو ں کشمیر کے کسی بھی منتخب وزیر اعلیٰ کے ساتھ تعلقات خوشگوار نہیں رہے ہیں۔ 1953میں جب صدر ریاست کرن سنگھ نے جب شیخ محمد عبداللہ کی حکومت کر برطرف کیا، ان کو خود بھی نہیں معلوم کہ کس قانون اور آئین کی کس شق کا استعمال کرتے ہوئے انہوں نے یہ قدم اٹھایا۔ ان کی برطرفی کے ایک سال بعد جموں و کشمیر کا آئین تیار ہوا ۔ اس وقت تک بھارت کے قوانین و سپریم کورٹ کا اطلاق بھی کشمیر پر نہیں ہوتا تھا۔

    ابھی تک جموں کشمیر میں دس گورنر اور 2019کے بعد سے دو لیفٹنٹ گورنرتعینات ہوئے ہیں۔ گورنر جگموہن اور لیفٹنٹ جنرل ایس کے سنہا ، جو منتخب حکومتوں کے وقت گورنر تھے، نے وزراء اعلیٰ کا ناطقہ بند کیا ہوا تھا۔ جموں و کشمیر میں ریاستی حکومتوں پر مکمل کنٹرول رکھنے کیلئے نئی دہلی کی حکومتیں ہمیشہ سے ہی بے چین رہی ہیں۔ بی جے پی نے اسکو اب ایک انتہا تک پہنچا دیا۔

    اندرا-شیخ معاہدے کے بعد، شیخ محمد عبداللہ فروری 1975 میں وزیر اعلیٰ بنے ۔اس اسمبلی میں ان کے بس تین ہی اراکین تھے، باقی نئی دہلی کی ایما پر کانگرس کے اراکین ان کی حمایت کر رہے تھے۔ یہ صرف 1977 میں تھا جب جموں و کشمیر کی مقامی سیاسی جماعت، نیشنل کانفرنس اس سال موسم گرما میں ہونے والے انتخابات کے بعد اکثریتی حکومت بنانے میں کامیاب ہوئی اور اپنی مدت مکمل کی۔ اس دوران گورنر ایل کے جھا کے ساتھ ان کی فریکوینسی بڑی اچھی رہی۔ وہ بھی وزیر اعلیٰ کے کام میں مداخلت نہیں کرتے تھے اور شیخ کی انا کا بھی خیال رکھتے تھے۔ ان کا خیال تھا کہ اگر کشمیر کو زور زبردستی کے بغیر بھارت میں شامل رکھنا ہے، تو اس کیلئے شیخ عبداللہ سے بہتر متبادل موجود نہیں ہے۔

    اس دوران تقریبات میں ہمیشہ گورنر پہلے آتا تھا اور وہ وزیرا علیٰ کا استقبال کرتا تھا۔ پروٹوکول کے مطابق یہ الٹا ہونا چاہئے ، کیونکہ گورنر آئینی سربراہ یعنی صدر کا نمائندہ ہوتا ہے۔ جب 1981 کو ا ن کی جگہ پر بی کے نہرو، جو اندرا گاندھی کے رشتہ دار بھی تھے، کی تقرری ہوئی، وہ ایک سابق بیورکریٹ اور امریکہ میں بھارت کے سفیر رہ چکے تھے اور ان کو مین آف بک بھی کہا جاتا تھا۔ یعنی جو کچھ آئین کی کتاب میں درج ہے، اس پر من و عن عمل کروانا۔ تقریبات میں پہلے آنا ور پھر وزیر اعلیٰ کا انتظار کرنا ان کی برداشت سے باہر تھا۔

    ایک بار جب سرینگر کے امر سنگھ کلب کی کسی تقریب میں دونوں مدعو تھے، تو گورنر نے اپنے سیکرٹری کو ہدایت دی، کہ جب وزیر اعلیٰ گھر سے تقریب کیلئے روانہ ہونگے، تو ان کو بتایا جائے تاکہ اس کے دس منٹ بعد وہ روانہ ہونگے۔ ان کا مقصد تھا کہ وزیرا علیٰ پہلے پہنچے، اور پروٹوکول کے مطابق وہ ان کا استقبال کریں۔ مگر یہی کچھ وزیر اعلیٰ کے گھر پر بھی ہو رہا تھا۔ انہوں نے اپنے سیکرٹری کو ہدایت دی تھی کہ راج بھون سے گورنر کی مومنٹ سے ان کو مطلع کریں، تاکہ وہ گورنر کے بعد اس تقریب میں پہنچیں۔

    وقت گذرتا جا رہا تھا۔ دونوں میں کوئی بھی پہلے جانے پر تیار نہیں تھا۔ اسی دوران امرسنگھ کلب سے منتظمین کے فون آرہے تھے۔ تنگ آکر شیخ عبداللہ نے اپنے سیکرٹری کو اس اپائنٹمنٹ کومنسوخ کرنے اور منتظمین کو یہ بتا کر کہ وزیر اعلیٰ کو بھڑ نے ڈسا ہے ، معذرت کرے۔ راج بھون سے جب گورنرکے سیکرٹر ی نے وزیر اعلیٰ کی مومنٹ کے بارے میں جاننا چاہا، تو اس کو بھی یہی بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ کو بھڑ نے کاٹا ہے۔ جب سوٹ بوٹ میں ملبوس روانگی کا انتظاکر رہے گورنر کو گوش گزار کیا گیا، تو اس نے بھی منتظمین تک پیغام پہنچایا کہ ان کو بھی بھڑ نے ڈسا ہے اور وہ صاحب فراش ہیں، اس لئے معذرت ہے۔ امر سنگھ کلب میں جب بھڑ کے ذریعے دونوں گورنر اور وزیر اعلیٰ کو کاٹنے کی خبر پہنچی ، تو اکثر لوگ حیران و پریشان تھے، مگر جانکار افراد کو معلوم ہوگیا کہ یہ انا کی جنگ ہے اور اب یہ ریاست کو بھگتنی پڑے گی۔

    اس دوران عبداللہ نے کم از کم یہ ظاہر کیا تھا کہ وہ ایک الگ وزیر اعلیٰ ہیں اور اپنے پاورز کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کرینگے۔ بی کے نہرو کی اپنی یاداشتوں کے مطابق عبداللہ دہلی سے انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس کے افسران کو قبول کرنے میںہچکچاہٹ کا مظاہرہ کرتے تھے اور ان افسران کو حساس پوسٹنگ بھی نہیں دیتے تھے۔ انہوں نے ہائی کورٹ کے کشمیری چیف جسٹس کی ٹرانسفر کرنے کی بھی معانعت کی تھی۔ انہوں نے اسمبلی سے آبادکاری کا بل پاس کروایا ، جس کی رو سے لائن آف کنٹرول کے ذریعے منقسم لوگوں کو کشمیر واپس آکر اپنی جائیدادوں حاصل کرنے کا موقعہ دیا گیا تھا۔ نہرو کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ وہ اس بل پر دستخط نہیں کریں گے، کیونکہ یہ غیر آئینی ہے، تو شیخ نے ان کو کہا کہ اس بل کی آئینی یا غیر آئینی تشریح کرنا آپ کا نہ میرا کام ہے۔ اگر کسی کو اسکی آئینی حیثیت پر اعتراض ہے، تو عدالت اس کا تعین کریگی۔

    مگر انا کی اس رشہ کشی کے باوجود بی کے نہروعمومی طور پر کچھ زیادہ مداخلت نہیں کرتے تھے۔ 1984میں جب اندرا گاندھی نے ان کو شیخ عبداللہ کی موت کے دو سال بعدوزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ کو برطرف کرنے کیلئے کہا، تو انہوں نے منع کردیا۔ یعنی وہ واقعی مین آف بک تھے۔ جس کی وجہ سے ان کو گجرات ٹرانسفر کیا گیا اور ان کے جگہ جگ موہن کو بطور گورنر کشمیر بھیجا گیا اور چند ماہ کے اندہی جولائی 1984 میں اس نے منتخب حکومت کو برطرف کردیا۔ جگموہن کا کہنا تھا کہ انہوں نے قومی مفاد میں کام کیا اور انہیں عبداللہ کے خلاف کارروائی کرنی پڑی ۔ ان کا الزام تھا کہ ریاستی حکومت پنجاب اور پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس موقف اختیار نہیں کر رہی تھی۔ 13 اکتوبر 1983 کو، ویسٹ انڈیز اور انڈیا کے درمیان سرینگر میں کرکٹ میچ کے دوران،جھنڈے لہرائے گئے تھے اور پاکستانی کھلاڑیوں کی قد آدم تصویریں لگائی گئی تھیں۔ مرکزی حکومت نے کھلے عام اپنی تشویش کا اظہار کیا کہ فاروق عبداللہ ریاست کا کنٹرول کھو رہے ہیں۔ مگر سوال ہے کہ کیا کرکٹ میچ کے واقعے کوجواز بنا کر منتخب حکومت کو برخاست کیا جانا جائز تھا ؟۔فاروق عبداللہ کے معزول ہونے کے صرف تین ماہ بعدہی اندرا گاندھی کو ان کے سکھ محافظ نے قتل کر دیا۔

    کشمیر کے گورنر بھی کس قدر بے بس، بے خبر اور وزارت داخلہ کے ربر اسٹیمپ ہوتے ہیں، اس کی مثال ستیہ پال ملک ہیں، جو بھارت کی چار ریاستوں کے گورنر رہ چکے ہیں۔ 4 اگست 2019 کی شام تک وہ تین سابق وزرائے اعلیٰ سمیت سب کو بتا رہے تھے کہ انہیں جموں و کشمیر کے حوالے سے کسی آئینی تبدیلی کی تیاری جیسی کسی چیز کا علم نہیں ہے۔ انہوں نے 5 اگست 2019 تک کی تمام بے چینی اور گھبراہٹ کو افواہوں کی پیداوار قرار دیا ۔دی وائر’ کے لیے کرن تھاپر کو دیے گئے ایک انٹرویو میں، ملک کا کہنا تھا کہ 4 اگست 2019 کی شام دیر گئے، کہیں رات 10 سے 11 بجے کے درمیان، انھیں وزیر داخلہ امیت شاہ کا فون آیا جس نے انھیں کچھ کاغذات پر دستخط کرنے کو کہا گیا،جو اگلی صبح ایک خصوصی طیارے کے ذریعے دہلی سے پہنچیں گے۔ چونکہ گورنر راج کے وقت کشمیر میں اسمبلی کے پاور گورنر کو منتقل ہوجاتے تھے، اس لئے دفعہ 370کے مندرجات کے خاتمہ کیلئے ان کی سفارش درکار تھی۔ ستیہ پال ملک،نے اعتراف کیا کہ گورنر ہوتے ہوئے بھی وہ اس عمل میں شریک نہیں تھے اور اسی طرح لاعلم تھے، جس طرح دیگر آبادی تھی۔

    ایک طرح سے یہ 25 جون 1975 کی رات کا اعادہ تھا جب اندرا گاندھی کے پرائیویٹ سکریٹری آر کے دھون نے صدر جمہوریہ فخر الدین علی احمد کے سامنے ایمرجنسی کا حکم نامہ پیش کیا اوران سے قانون پر دستخط لئے تھے۔

    ایک اہم سوال ہے کہ جموں و کشمیر میں ریاستی حکومت پر براہ راست یا بالواسطہ کنٹرول رکھنے کے لیے نئی دہلی کی حکومتیں ہمیشہ اتنی خواہش مند کیوں رہی ہے؟۔ بھارت کی دیگر ریاستیں ، جیسے کہ اتر پردیش، بہار، مغربی بنگال، مہاراشٹر، کیرالہ، تامل ناڈو اور اڑیسہ میں مقامی علاقائی جماعتوں نے کامیابی کے ساتھ حکومتیں بنائی ہیں اور انہوں نے اپنی مدت بھی مکمل کی ہے۔

    کشمیر میں اگر گورنر راج نہ بھی ہوا، تب بھی مقامی پارٹیوں کو مجبور کیا جاتا ہے کہ قومی پارٹیوں کے ساتھ مل کر حکومت بنائیں، یعنی کہ منتخب وزیر اعلیٰ با اختیار نہ رہے۔اب تو گورنر کو اختیارات دینے کے بعد تو وہ کسی چپراسی تک کا بھی احتساب نہیں کرسکے گا۔

    پچھلے 438 سالوں میں کشمیری عوام کے حقیقی منتخب نمائندوں یا خود کشمیریوں نے بہت قلیل مدت تک اپنے اوپر حکومت کی ہے۔ کشمیر میں جاری شورش ، ناراضگی یا مزاحمت کا یہ ایک اہم عنصر ہے، جس کا ادراک کسی کو نہیں ہے۔ بھارت نواز افراد کو بھی شکایت ہے کہ آخر اس خطہ کے ساتھ تامل ناڈو یا مغربی بنگال جیسا سلوک کیوں نہیں کیا جاتا ہے؟ بھارتی حکومت و سیاسی و دیگر اداروں کا برتاو ہی کھلے عام کہتا ہے کہ دال میں کچھ کالا ضرور ہے۔ اس لئے  دیگر ریاستوں کے برعکس سلوک کیا جاتا ہے۔

  • بنگلہ دیش – نئے مستقبل کی تلاش

    بنگلہ دیش – نئے مستقبل کی تلاش

    بنگلہ دیش میں ہفتوں پر محیط پُرتشدد مظاہروں اور اگست کے اوائل میں پولیس و عوامی لیگ کے حامیوں کے ہاتھوں  تین سو زائد ہلاکتوں کے بعد بنگلہ دیش کی آمرانہ مزاج کی مالک “جمہورت پسند” ڈکٹیٹر وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے عہدے سے استعفیٰ  دیا اور فرار ہوکر  اپنے دیرینہ قابل اعتماد دوست بھارت کی پناہ میں آگئیں ۔اس سے زیادہ ستم ظریفی کیا ہوسکتی ہے اور اس سے بڑی بے وفائی و غداری کیا ہوسکتی ہے کہ وہ اپنی جان  بچاکر توبھارت آگئیں مگر اپنے حامیوں ،پارٹی کے وفاداروں کو وقت کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا۔

    یہ بات ایک بار پھر ثابت ہوگئی کہ اصل سپر پاورعوام ہیں۔کوئی حاکم کتنا ہی طاقتور ،ظالم،متشدد،فسطائیت پسند کیوں نہ ہو، جب عام آدمی تنگ آمد بجنگ  آمد کے مصداق سڑکوں پر اتر آئے تو بڑی بڑی حکومتیں خس وخاشاک کی مانند بہہ جاتی ہیں ۔ڈکٹیٹر اقتدار ہی سے دستبردار نہیں ہوتا بلکہ یا تو ملک چھوڑنے پر مجبور کردیاجاتا یا پھر خودکشی کرلیتا  ہے۔ حسنیٰ مبارک سے لے کر شیخ حسینہ تک تاریخ نے خود کو کئی بار دوہرایا ہے۔ بنگلہ دیش میں  بھی پی ایم ہاؤس اور پارلیمنٹ ناراض مشتعل عوام کے پاؤں  تلےروند دئے گئے ،تخت و تاج اچھالے گئے۔

    76 سالہ  شیخ حسینہ واجد نے تقریباً دو دہائیوں تک بنگلہ دیش پر حکومت کی اور وہ ملک میں سب سے طویل دورانیے کی  وزیراعظم رہیں  ۔شیخ حسینہ شاید ہی اب بنگلہ دیش کی سیاست میں واپس آئیں ۔کیونکہ ان کی پیٹھ پر گناہوں کااتنا بوجھ اور بے گناہ سیاسی قیدیوں کے خون ناحق کا  اتنا قرض ہے کہ اسے اتارتے  اتارتے زندگی گزر جائے گی پھر بھی قرض باقی رہے گا  بقول شہریوں کے ان کے ملک نے چھ اگست کو دوبارہ آزادی حاصل کی ہے۔

    یہاں کچھ سوالوں کا جواب ضروری ہے؛ مثلا طلبہ کا نوکریوں میں  کوٹہ سسٹم کے خلاف احتجاج، حکومت مخالف ملک گیر تحریک میں کیسے بدل گیا؟ آخر وہ کیا اسباب تھے جن کی وجہ سے شیخ حسینہ کی حکومت پر گرفت ڈھیلی ہوتی گئی؟  کیا انہیں عوام کے بڑھتے غصے اور سرکار سے بیزاری ونفرت کا اندازہ نہیں ہوسکا؟ اور یہ کہ آگے بنگلہ دیش میں صورتحال کیا رخ اختیار کرے گی ؟ کیا اب دائیں بازو کو سیاست میں دخیل ہونے موقع ملے گا اور دو بڑے اسٹیک ہولڈرس عوامی لیگ اور جماعت اسلامی بنگلہ دیش کی آئندہ حکومت میں اپنا رول ادا کرسکیں گی؟۔ یہ بات نوٹ کرنے کی ہے کہ شیخ  حسینہ نے اپنے طویل دور اقتدار میں  دائیں بازو کی طاقتور اسلام پسند جماعت پر نہ صرف پابندی لگائی بلکہ اس کے کئی سینئیر  اور بزرگ لیڈروں کے خلاف جھوٹے مقدمات لگاکر انہیں سزائے موت دلائی اور پھانسی پر لٹکادیا ۔اس وقت بھارت کا مین اسٹریم میڈیا ، سیاسی تجزیہ نگار اور در پردہ برسر اقتدار طبقہ بھی حسینہ کی حمایت میں رطب اللسان تھا۔ صورت حال لگاتار تبدیل ہورہی ہے یہ سطور لکھے جانے تک ملک میں طوائف الملوکی پھیلی ہوئی ہے ،فوج حالات کو سنبھالنے کی کوشش کررہے ہے اور شیخ سیاسی پناہ کی تلاش میں ہیں اور عارضی طور پر بھارت کی مہمان ہیں ۔ان کی اگلی منزل کیا ہوگی کسی کو پتہ نہیں۔

    بظاہر یہ بات عجیب معلوم ہوتی ہے کہ جو ملک  جی ڈی پی میں بھارت سے آگے بڑھ گیا تھا ،جنوبی ایشیا کا ٹائیگر اور  گارمنٹ انڈسٹری کا بے تاج بادشاہ بن گیا تھا ،اس کی گارمنٹ مصنوعات اس کی شناخت بن گئی تھیں۔ شیخ حسینہ کو اکثر بنگلہ دیش کی معیشت کو ترقی دینے کا کریڈٹ دیا جاتا ہے۔ بنگلہ دیش دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشتوں میں سے ایک ہے تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ترقی یونیورسٹی سے فارغ التحصیل طلبا کے لیے ملازمتیں پیدا کرنے کا سبب نہیں بن سکی۔

    خیال کیا جاتا ہے کہ تقریباً ایک کروڑ80 لاکھ بنگلہ دیشی نوجوان نوکریوں کی تلاش میں ہیں۔ کم تعلیم یافتہ افراد کے مقابلے میں یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل افراد میں بے روزگاری کی شرح زیادہ ہے۔  بہت سے لوگوں کا ماننا ہے کہ ترقی کا زیادہ فائدہ صرف حسینہ کی عوامی لیگ کے قریبی لوگوں کو ہی ہوا ہے۔ دوسرے جس رفتار سے ترقی ہوئی اس کا فائدہ نیچے تک نہیں پہنچا اور کچھ خواص نے ہی ملائی کھائی بعض طبقے اس کاموازنہ بھارت کی صورتحال سے کرتے ہیں جو پانچ ٹریلین اکنامی کے ہدف کی طرف گامزن ہے،  دنیا کی پانچ بڑی معیشتوں نے میں سے ایک ہے اور آنے والے دنوں میں  تین بڑی معیشتوں کا حصہ بننا چاہتی ہے مگر اس ترقی  کے فائدے نیچے تک نہیں پہنچ رہے ہیں،  بیروزگاری کی شرح میں زبردست اضافہ ہے، پڑھا لکھا نوجوان نوکری کی تلاش میں سڑکوں پر بھٹک رہا ہے ۔دولت اور ترقی چند لوگوں کی جاگیر بن گئی ہے ۔بنگلہ دیش میں کوٹہ سسٹم کے خلاف ابتداء اسٹوڈنٹ  آٹھ کھڑے ہوئے، شیخ حسینہ شاید صورتحال کی سنگینی کا ادراک نہیں کرسکیں انہوں نے عوامی طاقت کو  دبانے کے لئے سرکاری طاقت کا استعمال کیا۔ مظاہرین کو رضاکار اور دہشتگرد گرد کہا یہ بیان ان کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوا اور کوٹہ سسٹم مخالف تحریک ان کے استعفے کی تحریک میں بدل گئی۔  پھر جو کچھ ہوا وہ دنیا کے سامنے آگیا۔  آمرانہ طرز حکمرانی  کے نصیب میں جلاوطنی  ہی آتی ہے۔

    علاوہ ازیں شیخ حسینہ کے  دور اقتدار میں  انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی طویل داستان ہے۔حزب اختلاف کی آوازوں کو کچلنا اور اختلاف رائے کو منظم طریقے سے دبانا معمول بن گیا تھا۔ ان کے دور میں چوروں، ڈکیتوں اور قاتلوں سے زیادہ سیاسی ورکر جیلوں میں تھے ۔ شیخ حسینہ پر آمرانہ طرزِ حکمرانی  کے الزام لگتے رہے۔انہوں نے اپوزیشن رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ احتجاج کو روندنے  میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور مقدمات کا انبار لگادیا۔ سابق وزیر اعظم خالدہ  ضیاء شدید بیماری کے باوجود جیل میں تھیں اور جیسا کہ اوپر ذکر آچکا ہے جماعت اسلامی کے کئی سرکردہ لیڈروں کو پھانسی پر لٹکادیا گیا ۔اپنے سیاسی مخالفین اور میڈیا پر سخت پابندیاں عائد کی گئیں۔ انہوں نے جمہوری عمل اور اداروں کو کمزور کردیا ،انتخابات میں دھاندلی اور تشدد کے الزامات لگتے رہے۔ گزشتہ جنوری کے عام انتخابات میں ان کی پارٹی تنہا میدان میں تھی،  ساری پارٹیوں نے الیکشن کا بائیکاٹ کیا تھا کیونکہ عوامی لیگ نے غنڈہ گردی کی ایک متبادل حکومت قائم کررکھی تھی۔

    شیخ حسینہ کا دور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا دور رہا ۔جن میں جبری گمشدگیاں اور ماورائے عدالت  قتل شامل ہیں۔بین اقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں نےان زیادتیوں کو دنیا کےسامنے دستاویزی شکل میں پیش کیا۔مغربی ممالک نے کچھ سیکورٹی فورسز کے خلاف پابندیاں بھی عائد کیں۔ انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کا کہنا ہے کہ سنہ 2009 کے بعد ملک میں سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ماورائے عدالت ہلاکتوں اور جبری گمشدگیوں میں بے پناہ اضافہ ہوا۔حالیہ مہینوں میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے سینیئر رہنماؤں اور ہزاروں سیاسی کارکنان کو حکومت مخالف مظاہروں کے درمیان گرفتار کیا گیا۔

    شیخ حسینہ نے ملک کو کھلی جیل میں تبدیل کردیا تھا  جہاں کیا بولنا ہے کیا سننا ہے اور کیا سنانا ہے، سب سرکار کی مرضی پر منحصر تھا۔ ان حالات میں  لاوا اندر ہی اندر پکتا رہا اور ناہید  اسلام نام کے ڈھاکہ یونیورسٹی کے طالب علم نے اپنے دو اسٹوڈنٹ دوستوں آصف محمود اورابوبکر کے ساتھ  بنگلہ دیش میں اتنی بڑی تحریک کھڑی کردی کہ وزیراعظم شیخ حسینہ کو بلاآخر راہ فرار اختیار کرمی پڑی۔ یہ  تینوں عام گھروں سے آتے ہیں، ان کا کوئی سیاسی پس منظر بھی نہیں ہے۔ پہلے چھوٹے چھوٹے مظاہرے ہوتے رہے۔ لیکن ریزرویشن کی آگ نے ان میں اتنا غصہ بھر دیا کہ بلاآخر وہ حکومت سے لڑ پڑے۔ رہی سہی کسر سرکارکے پرتشدد اقدامات نے پوری کردی۔ ان کے خلاف کارروائی کی گئی، انہیں ہراساں کیا گیا جس کی وجہ سے غصہ بڑھتا چلا گی اور ملک شیخ حسینہ کے ہاتھ سے پھسل گیا۔ اس سے صاف ظاہر ہے کہ نوجوانوں کی مایوسی،بے چینی اور احساس محرومی کی کوکھ سے انقلاب جنم لیتے ہیں۔  ترقی کا فیض نچلی سطح تک نہ پہنچے تو انقلاب کو کھاد ملتی  ہے۔

    بھارت کے لئے چیلنج

    بھارت کے سامنے کئی سنگین چیلنجز ہیں ۔حال ہی میں  نیپال میں اعلیٰ نے سرکار سنبھالی ہے جو بھارت مخالف اور چین نواز سمجھے جاتے ہیں۔ وہیں میانمار ،سنگا پور ،بھوٹان ،سری لنکا اور مالدیپ میں بھی چین اپنا اثرورسوخ بڑھا رہا ہے جب کہ پاکستان سے ہمارے تعلقات ویسی ہی کشیدگی برقرار ہے۔  وہاں بھی چین اس کا سب سے بھروسہ مند دوست ہے ۔کل ملاکر چین نے بھارت گرد مضبوط جال بن دیا ہے ایک بنگلہ دیش تھا جو اس پورے خطہ میں  بھارت کا سب سے قابل اعتماد دوست تھا اور شیخ حسینہ بھارت کی غیر مشروط دوست  مانی جاتی ہیں اب وہ بھی ہاتھ سے نکل گیا۔

    بی بی سی سے گفتگو میں معروف سیاسی تجزیہ کار سوبجیت باگچی  نے اس تعلق سے بھارت کی خارجہ پالیسی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ’انڈیا کی خارجہ پالیسی کی سب سے بڑی غلطی یہ رہی کہ اس نے بنگلہ دیش میں اپنا سارا داؤ شیخ حسینہ اور ان کی پارٹی عوامی لیگ پر لگا دیا اور شیخ حسینہ کی شدید مخالفت کے سبب انڈین اسٹیبلشمنٹ نے اپوزیشن بی این پی اور جماعت اسلامی سے اپنا رابطہ توڑ لیا۔ باگچی کہتے ہیں کہ ’حسینہ کی پارٹی تیزی سے عوام میں غیر مقبول ہوتی جا رہی تھی، جمہوری ادارے ختم ہوتے جارہے تھے اور حکومت سے عوام کی نفرت بڑھتی جا رہی تھی۔ چونکہ انڈیا شیخ حسینہ کا سب سے بڑا حمایتی تھا اسی لیے وہاں کے عوام انڈیا سے بھی اتنی ہی نفرت کرنے لگی۔‘

    وہ کہتے ہیں کہ ’یہی نہیں انڈیا امریکہ، برطانیہ اور پوری دنیا کو یہ باور کرواتا رہا ہے کہ اگر عوامی لیگ ہار گئی تو بنگلہ دیش انتہا پسندوں کے قبضے میں چلا جائے گا۔ انڈیا کو یہ اندازہ ہی نہیں تھا کہ شیخ حسینہ کی آمرانہ حکومت سے عوامی نفرت اس حد تک پہنچ جائے گی کہ انھیں اقتدار چھوڑ کر ملک سے فرار ہونا پڑ سکتا ہے۔ یہ انڈیا کے لیے ویسا ہی بڑا دھچکا ہے جیسا امریکیوں کے لیے افغانستان ثابت ہوا۔‘ سوبحیت باگچی کا خیال ہے کہ انڈیا اب بی این پی اور جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے بھی بات چیت شروع کرے گا۔ وہ کہتے ہیں کہ ’انڈیا جب افغانستان کی طالبان حکومت سے بات چیت کر سکتا ہے تو پھر بی این پی اور جماعت اسلامی سے تعلقات بنانے میں کیا مشکل ہے۔

    اس میں کوئی شک نہیں کہ چین اور امریکہ بحر ہند میں غلبہ حاصل کرنے کی دوڑ میں ہیں۔ امریکہ اس خطے میں اپنا بحری اڈہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے اور چین میانمار کے ذریعے اپنے بحری اور جنگی جہازوں کا اڈہ حاصل کر لے گا۔‘

    ایسی صورت میں بھارت  شیخ حسینہ کی مدد سے چین کا توڑ حاصل کرنے کی کوشش کر رہاتھا وہ بھارت کے لئے اس لڑائی کا اہم ٹول تھیں۔ شیخ حسینہ کے جانے کے بعد اس ضمن میں بھارت  کی تشویش اور بڑھ جائے گی۔‘معلوم نہیں وہاں کس طرح کی سرکار آئے اور بھارت کے تئیں اس کا کیا رویہ ہو البتہ اتنا تو طے ہے کہ عبوری سرکار میں عوامی لیگ کی کوئی حصہ داری نہیں ہوگی ایسے میں بھارت کو اپنے مفاد کے تحفظ کے لئے بہت پھونک پھونک کر قدم اٹھانا ہوگا۔ نئی سرکار میں بی این پی اہم عنصر ہوگی بھارت کو  بنگلہ دیش میں نئے دوست تلاش کرنے ہوں گے۔

    آزادی پسند انقلابی طلبا تحریک کے لیڈر اپنے ملک کے لئے ایک  نیا خواب دیکھ رہے ہیں اور ان خوابوں کو پورا کرنا نئے حکمرانوں کے لئے سب سے بڑا چیلنج ہوگا ۔البتہ ان کے مقصد کو ناکام بنانے کے لیے مختلف قوتیں پہلے ہی سے سرگرم ہیں اور طرح طرح کی سازشیں اور منصوبے بنائے جا رہے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے “ہم آزادی پسند طلبہ کی جانب سے واضح طور پر کہنا چاہتے ہیں کہ بنگلہ دیش کے طلبہ اس بنگلہ دیش کو فاشسٹ سلطنت سے آزاد کرانے اور ایک نئے اور عوامی بنگلہ دیش کے قیام کے لیے ہر قسم کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں” کیا وہ کامیاب ہوں گے یا انہیں روایتی سیاستداں کامیاب ہونے دیں گے؟ شیخ حسینہ کے عبرت انگیز زوال کے بعد ہر بنگلہ دیشی کی زبان پر یہی سوال ہے۔

  • اسماعیل ہنیہ  شہیدؒ

    اسماعیل ہنیہ شہیدؒ

    31جولائی کا سورج امت ِمسلمہ کے لیے ایک بری خبرلے کرطلوع ہوا۔ رات کے آخری پہر میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی موسادکے ایجنٹوں نے شہرتہران کے ایک سرکاری مہمان خانہ پرمیزائل داغ کر وہاں مقیم سب سے بڑے فلسطینی رہنما اسماعیل ہنیہ  کونشانہ بناکرشہید کردیا ۔ اوریوں راہ ِخدامیں جان دینے کی ا ن کی تمنا پوری ہوگئی ۔    ؎

    یہ رتبہ ٔبلندمل گیاجس کومل گیا

    ہرمدعی کے واسطے دارورسن کہاں

    تہران میں وہ نئی حکومت ایران کے مہمان تھے اورنو منتخب ایرانی صدرمسعودپزشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے آئے ہوئے تھے۔

    حافظ اسماعیل ہنیہ  خاصان خداوندی میں سے تھے۔ان کا پورانام اسماعیل عبدالصالح احمد ہنیہ  تھا۔وہ الشاطی رفیوجی کیمپ(مخیم الشاطی)میں  1962کوپیداہوئے۔31 جولائی کو 62 سال کی عمرمیں تہران میں ان پر قاتلانہ حملہ ہواجس میں انہوں نے شہادت کا جام پی لیا۔ جنازہ ایران کے سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای نے پڑھایااوراس کے بعدان کے جسدخاکی کوقطرلے جایاگیا جہاں قطرکے شاہی قبرستان لُسیل میں امیرقطرکی موجودگی میں ہزاروں سوگواروں نے ان کی میت کو سپرد خاک کیا۔     ؎

    بناکردندخوش رسمے بخاک وخون غلطیدن

    خدارحمت کنداین عاشقان پاک طنیت را

    ہنیہ  کا خاندان عسقلان کے گاؤں الجورہ سے 1948میں اسرائیل کے قیام اورفلسطینی نکبہ کے وقت ہجرت کرکے آیاتھا۔شہید ہنیہ  کے 13بچے تھے جن میں سے تین کچھ عرصہ پہلے اسرائیل کے دہشت گردانہ حملہ میں شہیدہوگئے تھے۔اہلیہ سارہ ہنیہ  حیات ہیں اوردو بیٹیاں خولہ ہنیہ  اورآما ل ہنیہ  ہیں نیزان کے بیٹے حازم ہنیہ  ابھی زندہ ہیں۔یہ شہیدوں کا گھرانہ ہے اورمقدس گھرانہ ہے کہ ہنیہ  فیملی اب تک دودرجن سے زایدشہیدمسجداقصی پر قربان کرچکی ہے۔

    اسماعیل ہنیہ  نے غازہ کی اسلامی یونیورسٹی سے بی اے تک کی تعلیم حاصل کی ۔عربی میں اس کوشہادہ البکالوریاکہتے ہیں جس میں ان کا موضوع عربی زبان وادب تھا۔وہ حماس کے بانی الشیخ احمدیاسین ؒ کے مسترشدین میں سے تھے۔جب 1987میں اسرائیلی ظالمانہ قبضہ کے خلاف پہلاانتفاضہ ہواجس کے نتیجہ میں حرکۃ المقاومہ الاسلامیہ (حماس ) کی بناپڑی تواسماعیل نے تعلیم چھوڑکرمجاہدین کی اس تنظیم میں شمولیت اختیارکرلی۔جلدہی ظالم اسرائیل نے ان کوپے درپے تین بارگرفتارکیا۔ 1992رہائی کے بعدان کولبنان جلاوطن کیاگیا۔ ایک سال بعد واپس آئے توغزہ  کی اُسی اسلامی یونیورسٹی میں ڈین کے فرائض انجام دیے۔1997میں ان کوحماس کے مرکزی آفس میں اہم منصب پر فائزکیاگیا۔

    2006میں فلسطینی علاقوں میں انتخابات ہوئے اورحماس نے واضح اکثریت سے جیت درج کرائی۔ جس کے نتیجہ میں قاعدہ قانون کے مطابق حماس کی حکومت بننی چاہیے تھی مگراسرائیل اوراس کے مغربی آقاؤں(امریکہ اوراس کے ذلہ رباممالک ) نے حماس کی انتخابی جیت کوتسلیم کرنے سے انکارکردیا۔ تاہم ان کی ہٹ دھرمی کے علی الرغم اسماعیل ہنیہ  فلسطین کے وزیراعظم بنائے گئے تب 14جون 2007کومغرب واسرائیل کے اشاروں پر ناچنے والے فلسطنی مقتدرہ کے نام نہادصدرمحمود عباس نے اسماعیل ہنیہ  کوعہدے سے برخواست کردیا۔لیکن حماس نے ان کے فیصلہ کوتسلیم نہیں کیا۔یوں حماس اورالفتح میں کشاکش ہوئی اوراس کے نتیجہ میں فلسطینیوں کا زیرانتظام علاقہ دوحصوں میں بٹ گیا۔غزہ کی پٹی پر حماس کی حکومت تھی اورمغربی کنارہ فلسطینی مقتدرہ کے زیرانتظام ۔اس عہدہ کے علاوہ وہ غزہ میں 2006سے 2017 حماس کے قائداعلی بھی رہے ۔اس کے بعدیہ منصب یحیٰ السنوارکودے دیا گیا جواب شہیداسماعیل ہنیہ  کے جانشین بنائے گئے ہیں۔

    چھ مئی 2017 کواسماعیل ہنیہ  حماس کے پولیٹیکل بیوروکے چیف منتخب کیے گئے ۔اِس سے قبل خالدمشعل اس منصب پرفائزتھے۔پولیٹیکل بیوروچیف کا مطلب حماس کاسربراہ اعلی ہوناہے۔حماس کی قیادت کے بعد ہنیہ  غزہ سے قطرمنتقل ہوگئے۔انہیں کی قیادت میں حماس نے سات اکتوبر 2023کواسرائیل پر حملہ کیا جس کومعرکۃ طوفان الاقصیٰ کا نام دیاگیا۔اِس حملہ کی وجوہات بہت ساری تھیں اورسب فوری کارروائی کی متقاضی تھیں مگرفوری سبب اس حملہ کے دوتھے ۔

    ایک یہ کہ تمام عرب ممالک ایک ایک کرکے اسرائیل سے تعلقات استوارکررہے تھے جس کوعربی زبان میں تطبیع کہتے ہیں۔یہاں تک کہ سعودی عرب بھی جوحرمین کا محافظ ہے اس دوڑ میں آگے تھااور وہ بس اسرائیل کے ساتھ تعلقات کونارملائزکرنے کے معاہدہ پردستخط کرنے ہی والاتھا۔اس کے بعد جو ہوتا وہ یہ کہ غزہ پٹی ،مغربی کنارہ اور دوسرے علاقوں سے فلسطینیوں کو کھدیڑکر مصرکے صحرائے سینا اوراردن کے اندر دھکیل دیاجاتا،فلسطینی وجودکا خاتمہ ہوجاتا اورمصر واردن کوان کی اوقات کے مطابق مغربی دنیا پیسوں سے نواز دیتی۔

    دوسرے یہ کہ جب اس شیطانی اسکیم پر عمل درآمد ہوجاتا جس میں سعودی عرب،مصر،اردن اورمتحدہ عرب امارات کے علاوہ امریکہ و برطانیہ اوراسرائیل کے شیاطین بھی جمع ہوگئے  تھے توپھر اس کے بعداقصی ٰ کے انہدام کی کارروائی شروع ہوجاتی، جس کے لیے اسرائیل بہت دنوں سے سرخ گائے پال رہاہے، جس کا قربان کیا جانا باقی ہے، جس کے بعد نام نہاد منہدم شدہ سولومن ٹیمپل کی تعمیرشروع ہونی ہے۔

    اِن دونوں شیطانی منصوبوں کوروکنے کے لیے فوری طورپر کچھ بڑاکرناضروری تھاجوطوفان الاقصیٰ کی شکل میں سامنے آیا۔ممکن ہواس میں کچھ اسرائیل کے عام شہری  بھی مارے گئے ہوں مگر جنگ میں توایسا ہوتا ہی ہے۔مغربی دنیااوراس کے غلاموں کی ابلیسیت یہ ہے کہ وہ بس ہمیشہ اسرائیلی شہری جوطوفان الاقصیٰ میں مارے گئے کا روناروتے ہیں،اِن خبیثوں کویہ نظرنہیں آتاکہ سفاک اسرائیل نے اپنے وحشیانہ حملوں میں چالیس ہزارنہتے فلسطینی عوام کوشہیدکرڈالاہے جس میں پندرہ ہزارسے زایدمعصوم بچے ہیں!اوراس جرم میں سعودی ،مصری ،اردنی اوراماراتی نام نہاد ‘مسلم حکمراں’ سب برابرکے شریک ہیں۔

    طوفان الاقصیٰ کو اب نومہینے ہوگئے اوراسرائیلی بربریت سلامتی کونسل کی قراداد، بین الاقوامی عدالت ِانصاف کے اس جارحیت کوفوراًروکنے کے حکم کے باوجودامریکی آشیروادسے بدستورجاری ہے۔غزہ کے 80فیصدمکانات تباہ کیے جاچکے ہیں لیکن حماس میدان میں ڈٹی ہوئی ہے۔اور تاحال اسرائیل اِس جنگ سے اپناکوئی اعلان شدہ ہدف پوراکرنے میں ناکام ہے۔اسماعیل ہنیہ  شہیدہوگئے ۔ اسلامی روایت میں شہادت کی موت ایک بڑااعزازہے ۔سچ کہاہے کسی نے      ؎

    شہید کی جوموت ہے وہ قوم کی حیات ہے ۔

    ارشادباری ہے:  فَمِنْهُمْ مَنْ قَضَىٰ نَحْبَهُ وَ مِنْهُمْ مَنْ يَنتَظِرُ وَ مَا بَدَّلُوا تَبْدِيلًا (الاحزاب: 23 )مومنوں میں ایسے لوگ بھی ہیں جنہوں نے اپنے وعدہ کوپوراکردکھایااورکچھ ایسے ہیں جواپنی باری کے منتظر ہیں اورانہوں نے کچھ بھی نہیں بدلا۔

    چندریالی مولویوں کے علاوہ آج عرب ممالک ،پاکستان ،ہندوستان اورمغربی ممالک کے مسلمانوں میں کون سی آنکھ ایسی ہے جواشکبارنہ ہوئی ہو! مفتی تقی عثمانی،مولاناسجادنعمانی، سلمان حسینی ،حافظ نعیم الرحمن(امیرجماعت پاکستان)سیدسعادت اللہ حسینی ،اوریامقبول جان ،کمال خطیب اورعزام تمیمی وغیرہ اوربہت سے علماودانشوروں میں سے کون ہے جس نے اسماعیل ہنیہ  کے بلندرتبہ کی گواہی نہ دی ہو جس نے ان کی شہادت پر امت ِمسلمہ سے تعزیت کا اظہارنہ کیاہو!

    حدیث میں آیاہے کہ وہ جواللہ کومحبوب ہوتے ہیں ان کے لیے زمین میں بھی قبولیت ومحبوبیت لکھ دی جاتی ہے۔شہادت کا مرتبہ اور مقام بلند انہی لوگوں کوملتاہے ۔ ارشادالٰہی ہے :”جنہوں نے خداکی راہ میں جان دیدی ان کو ہرگز بھی مردہ نہ سمجھو،وہ زندہ ہیں ان کوان کے رب کی طرف سے رزق دیاجاتاہے مگرتم ان کی زندگی کا شعورنہیں رکھ سکتے” ۔(آل عمران:  169)

    ظالم وسفاک صہنیوں نے ایک اسماعیل ہنیہ  کوشہیدکرکے بغلیں بجالیں مگروہ بے چارے نہیں جانتے کہ فلسطین کے ہرگھرسے ایک نیااسماعیل ہنیہ  نکلے گا۔اسرائیل کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے اوراس کا زوال مقدرہے ۔خداتعالی کی سنت ہے کہ ظالموں اور سرکشوں کی لٹیا ڈبونے سے پہلے اس کوپورا بھرنے دیاجاتاہے، پھراچانک قہرالٰہی ان کودبوچ لیتاہے۔

  • اسرائیل -غزہ جنگ

    اسرائیل -غزہ جنگ

    ہندوستان کی مشرق وسطیٰ میں سفارت کاری ایک بار پھر عرب اسرائیل بحران کے فریقوں کے دباؤ میں ہے۔ ہندوستان کی دو ریاستی حل والی روایتی پالیسی جس کے مطابق  مشرقی یروشلم ایک آزاد اور قابل عمل فلسطینی ریاست کا دارالحکومت قرار پائے، بدستور برقرار ہے۔ بہر حال ہندوستان اپنی فلسطین پالیسی کے معنی اور سیاق و سباق کی دوبارہ تشریح کیسے کرتا ہے اس حوالے سے کافی تبدیلیاں واقع ہوئی ہیں۔

    7 اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملے کے بعد ہندوستانی میڈیا اور دائیں بازو پر مبنی رائے عامہ نے غزہ میں اسرائیلی فوجی حملے کی زبردست حمایت کی تھی۔ نئی دہلی میں مقیم عرب سفارت کاروں نے فلسطین کے حوالے سے بڑھتی ہوئی مخالفانہ رائے عامہ پر اپنی تشویش کا اظہار کیاتھا۔

    ملک میں برسر اقتداربھارتیہ جنتا پارٹی کے اسرائیل نواز اشارے عرب سفارت کاروں سے مخفی نہیں ہیں۔ یہ بات ان کے علم میں ہے کہ بی جے پی حکومت فلسطین اور اسرائیل کے درمیان اپنی ’’توازن ‘‘ قائم کرنے والی پالیسی  سے ہٹ کر اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز کر رہی ہے۔

    بی جے پی اور اس کی حامی افراد اسرائیل کو ایک ایسا ملک سمجھتے ہیں  جو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کسی بھی تنازعہ  کے وقت ہمیشہ ہندوستان کے ساتھ کھڑا رہتا ہے۔ اسرائیل ہندو پاک تنازعہ سے آگاہ ہے اور اس نے اسے پوری طرح ایک موقع کے طور پر استعمال کیا ہےاور دوسری  طرف ہندوستان کی حساس رائے عامہ سے بچنے کے لیے پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات بہتر کرنے کی کوششوں کو خفیہ بھی رکھا ہے ۔ جو لوگ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے اسرائیل کی کوششوں سے آگاہ ہیں وہ سمجھتے ہیں کہ دو مسلم ممالک، پاکستان اور انڈونیشیا، اسرائیل اور اس کے مغربی حمایتی جنہوں نے معاہدہ  ابراہیمی میں اہم کردار ادا کیا تھا کے لیے اولین ترجیح ہیں۔ سعودی عرب بھی پاکستان اور اسرائیل کے تعلقات کی بہتری کاحامی ہے کیوں کہ پاکستان اس کا روایتی حلیف ہے۔

    اس طورپر ممکن  ہے کہ ہند- اسرائیل تعلقات کی خصوصی اہمیت نہ رہے اور زیادہ  دیر تک  اس کا انحصار پاکستان پر مرکوز نہ ہو۔ اسرائیل، پاکستان اور ترکی کے ساتھ سال 2020 میں آذربائیجان کے نگورنو کاراباخ پر دوبارہ قبضے کے اہم طرف داروں میں سے  تھا، جب کہ آرمینیا  نے اپنے فوجی سازوسامان کے لیے ہندوستانی پر انحصارکیا تھا۔ جب سے غزہ- اسرائیل تنازع شروع ہوا ہے ہندوستان کو ایک مختلف چیلنج کا سامنا ہے۔

    اولاَ یہاں  ایک مضبوط اسرائیل نواز رائے عامہ ہے جو ہندوستان میں حکمران جماعت اور اس کے حامیوں کے نظریے سے وابستہ ہے۔ دوسرے، نریندر مودی کی ایک دہائی پر محیط حکمرانی میں ہندوستان نے خلیجی ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو ترجیح دیتے ہوئے علاقائی معاملات سے سابقہ ہچکچاہٹ اور الگ تھلگ رہنے کے رویہ کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

     

    چین کا کردار

    خلیج میں امریکہ اور چین کے درمیان اثر و رسوخ کے لیے جاری مقابلہ آرائی میں ہندوستان خلیجی ممالک کی سلامتی اور استحکام کی حمایت کے لیے مغرب کی زیر قیادت کوششوں میں شامل ہے۔ یہ خطے میں بڑھتے ہوئے چینی اثر و رسوخ کو روکنے کی ایک کوشش ہے۔ ہندوستان نئے اور وسیع تعلقات کو سامنے رکھتے ہوئے خطے کو اسٹریٹجک اور سیکورٹی سپورٹ پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔

    چین کے ذریعہ ایران -سعودی تعلقات کی بحالی سے بھی ہندوستان کا فائدہ ہوا ہے۔ ہندوستان کے لیے ایران کی اصل اسٹریٹجک اہمیت خلیج میں نہیں بلکہ وسطی ایشیا اور جنوبی ایشیا میں ہے جہاں ایران متعدد کنیکٹی ویٹی پروجیکٹوں میں ہندوستان کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ اس لحاظ سے اسرائیل کے ساتھ ہندوستان کے بڑھتے ہوئے تعلقات پر ایران کی طرف سے بہت کم یا نہ کے برابر اعتراضات کیے گئے  ہیں۔

    غزہ-اسرائیل تنازعہ کے درمیان جب ہندوستان  کے ذریعہ اسرائیل کو اسلحہ اور گولہ بارود فراہم کرنے کی خبریں سامنے آئیں تو نہ تو عرب ممالک نے اور نہ ہی ایران نے کوئی ردعمل ظاہر کیا۔ گولہ بارود کی فراہمی جس کی ابھی تک سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی گئی، ہندوستان اور مشرق وسطیٰ کے تعلقات کی تبدیلی کے حوالے سے ایک اہم موڑ ہے۔ ہندوستان کی وزارت خارجہ کے تمام سرکاری بیانات نے اس بات پر زور دیا ہے کہ حماس کی 7 اکتوبر 2023 کی کارروائیاں "دہشت گردی” کے زمرے میں آتی ہیں اور یہی  موقف زیادہ تر مغربی ممالک کا بھی ہے جس کی ان کے خلیجی اتحادیوں بشمول سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے خاموش تائید کی ہے۔ ہندوستان نے پہلے معاہدہ ابراہیمی  کا خیرمقدم کیا تھا جو کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں سے باہر عرب اسرائیل تنازعہ کے حل کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے ڈونالڈ ٹرمپ کے دور میں شروع ہوا تھا۔جب کہ مصر، اردن، ترکی، قطر اور ایران نے نام نہاد نئے امن عمل کی حمایت سے انکار کیا ہے۔

     

    بحران  اور اس کا مستقبل

    اسرائیل کو گولہ بارود کی سپلائی سے مغربی ممالک میں ہندوستان کی حمایت بڑھ سکتی ہے۔ تاہم عرب اسرائیل بحران کا مشرق وسطیٰ میں طاقت کے مستقبل کے توازن کی تشکیل  میں اہم کردار بدستور جاری ہے، خاص طور پر مغربی ممالک اور ان کے خلیجی اتحادیوں کے خلاف۔ سعودی عرب اس بحران کے حوالے سے زیادہ محتاط اور حساس رہا ہے کیونکہ اگر یہ بات سامنے آتی ہے کہ وہ  فلسطینی ریاست کی قیمت پر اسرائیل  کی حمایت کررہا ہے تو یہ اس کی داخلی سیاست میں وسیع  پیمانے پر غصہ اور بدامنی پیدا کر دیتی۔

    ایران  کو اپنے علاقائی عزائم کے ساتھ لبنان، یمن اور خلیجی معاشروں کے کچھ حصوں میں عوامی حمایت حاصل ہے۔ چاہے عرب ممالک عرب- اسرائیل قضیے میں اس کے کردار کو تسلیم کریں یا نہ کریں، ایران ایک ایسا کھلاڑی ہے جس کے اثرات کافی زیادہ ہیں اور اس  کی حمایت کسی بھی امن میکانزم کو برقرار رکھنے کے لیے بہت ضروری ہے۔ ایران اور اسرائیل کے درمیان مختصر فوجی تصادم نے یورپی طاقتوں کو خبردار کردیا کہ اگر امریکہ فلسطینیوں کے مطالبات کو نظر انداز کرتا رہا تو وہ خطے میں اپنی ساکھ کھو دیں گے۔

    دوسری طرف مصر کئی دہائیوں تک اسرائیل کی حمایت کے باوجود اس بحران میں سب سے زیادہ نقصان اٹھانے والاملک ہے۔ مصر ہندوستان-مشرق وسطی اقتصادی راہداری(IMEC) کے ذریعہ بنائے جانے والے متبادل راستوں کے حوالے سےبھی محتاط رویہ اپنائے ہوئے ہے۔اس کے علاوہ مصر مقبوضہ غزہ کے راستے بحیرہ احمر اور بحیرہ روم کے درمیان ایک نئی نہر بنانے کےاسرائیلی منصوبہ  کے حق میں  بھی نہیں ہے۔ اسی لیے مصر کو حماس کے نظریاتی سرپرست اخوان المسلمون سے نفرت کے باوجود حماس کا دفاع کرنا چاہیے۔ ہندوستان دفاعی برآمدات کے مواقع تلاش کر رہا ہے کیونکہ مودی حکومت ایک مضبوط دفاعی صنعت کے فروغ پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ تاہم جنگ کے دوران اسرائیل کو گولہ بارود فروخت کرنا ایک سیاسی اعلامیہ کا اظہار ہے۔

    تاہم  ہندوستان  جہاں وہ واقع ہے اس  خطے کے حوالے سے اس کی حکمت علمی اس کی زمینی حقیقتوں سے ہم آہنگ ہونا چاہیے۔لہذا  اس کی جغرافیائی سیاست  کی سمجھ کو بحر اوقیانوس میں کم لیکن بحر ہند اور خلیج میں زیادہ آزمایا جائے گا۔ خطے کے ممالک امریکی قیادت پر بہت کم اعتماد کرتے ہیں اور ایک نئے سیکورٹی ڈھانچے کی تلاش میں ہیں جس کا امریکہ اور یورپ پر کم انحصار ہو اور وہ علاقائی بحرانوں کو حل کرنے کا خواہاں ہو۔ایسا امکان ہے کہ  غزہ جنگ کے بعد  مصر، ایران، ترکی اور سعودی عرب جیسی علاقائی طاقتیں خطے میں روس اور چین کو علاقائی معاملات کے تصفیے کے لیے دعوت دیں گی ۔ لہٰذاہندوستان کو فوری طور پر دوطرفہ تعلقات  سے آگے نکل کر وسیع تر علاقائی معاملات میں اپنے کردار کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

  • تبصرہ کتب  

    تبصرہ کتب  

      اسلام: اہل مغرب کی نظر میں

    (قرآن مجید، سیرت طیبہ اور انگریزی ادب کے حوالے سے مغربی فضلاء کی تصانیف کا تجزیہ)

    صفحات :   296      قیمت:    500/- روپے      اشاعت:   ادارہ تحقیق و تصنیف، علی گڑھ

    مبصر: سہیل بشیر کار؛ بارہمولہ کشمیر

    296 صفحات کی زیر تبصرہ کتاب معروف محقق پروفیسر عبدالرحیم قدوائی کی اہم کتاب ہے۔ یہ کتاب مغربی مترجمینِ قرآن، ماہرین اسلامیات اور مؤرخین کی تصانیف کے تجزیوں پر مشتمل ہے۔ یہ اسلام سے متعلق مغربی ذہن کے تعصبات، مزعومات اور تحفظات کو آشکار کرتی ہے اور بعض مثبت روشن مثالوں کو بھی نمایاں کرتی ہے۔

    زیر تبصرہ کتاب کو مصنف نے تین ابواب میں تقسیم کیا ہے۔ پہلے باب ”قرآن مجید پر مغربی فضلاء کی تصانیف کا تنقیدی جائزہ” میں 11 مضامین ہیں۔ دوسرے باب” سیرت طیبہ پر مغربی فضلاء کا تنقیدی جائزہ ”میں مصنف نے 5 مضامین اور آخری باب” انگریزی ادب پر مغربی فضلاء کی تصانیف کا تنقیدی جائزہ ”میں مصنف نے 5 مضامین شامل کیے ہیں۔

    پہلے باب کے پہلے مضمون” اکیسویں صدی کے بعض مغربی مطالعات ”میں مصنف نے حال ہی میں مغربی مصنفین کے کیے گئے تراجم کا تعارف پیش کیا ہے۔اس تعارف سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ مغربی مصنفین دین اسلام کے تئیں انتہائی تعصب کے شکار ہیں۔ ان تراجم کی بنیاد ہی اسلام کے تئیں تعصب ہے۔ ان مترجمین میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی  شامل ہیں۔

    دوسرے مضمون ”کورپس قرانکم: قرانیات سے متعلق مشترقین کا حالیہ علمی محاذ ”میں مصنف نے جرمن مستشرق Theodor Nöldeke کی طرف سے شروع کردہ ایک علمی منصوبے ”کورپس قرانکم” سے قاری کو آگاہ کیا ہے۔ اس منصوبہ کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ یہ ثابت کیا جائے کہ قرآن کریم بائبل سے مستعار ہے۔ اس باب میں مصنف نے” کورپس قرانکم” کی طرف سے مختلف سورتوں کا جو مفہوم بیان کیا گیا ہے، اس کو پیش کیا ہے۔

    تیسرے باب ”قران کریم کے اعجازی پہلو (مستشرقین کے موقف کا محاکمہ” میں مصنف نے کئی مستشرقین کے ترجموں کا ذکر کیا ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ کس طرح انھوں نے غلط ترجمے کییہیں اور اس طرح مستشرقین قرآن مجید کے اعجازی پہلو کی ترجمانی میں بھی ناکام رہے۔ان کا بغض و عناد اس کی بنیادی وجہ ہے۔

    چوتھے باب” انگریزی میں مطالعہ قرآن مجید کے جدید رجحانات؛ حالیہ کتابیات کی روشنی میں” مصنف نے ایران کے مرکز برائے ترجمہ قرآن مجید قُم کی طرف سے مرتب کردہ مطالعات قرآن مجیدکو محیط ایک جامع کتابیات Bibliography Of Quranic Studies In European Languages کا تعارف پیش کیا ہے۔مصنف نے اپنے اس مضمون میں ان موضوعات کی فہرست  بھی دی ہے جن میں مستشرقین اپنے قلم کی جولانیاں دکھاتے ہیں۔ مذکورہ کتاب کے بارے میں مصنف لکھتے ہیں کہ:  ”مطالعات قرآن مجید کی مختلف جہات کا احاطہ ان کتابیات کا قابل ذکر کارنامہ ہے اور اس کی جامعیت اس پر مستزاد – یہ تصنیف بلاشبہ قرانیات میں ایک وقیع اضافہ کادرجہ رکھتی ہے۔”

    پانچواں باب” جدید مستشرقین کے مطالعات تفسیر: رجحانات اور تعبیرات ”میں مصنف نے چند جدید مستشرقین کی تفاسیر کے بارے میں رجحانات اور حکمت عملی کو پیش کیا ہے۔ یہاں ایک مثال پیش کی جاتی ہے۔مصنف نے مصطفیٰ شاہ کے زیر ادارت چار ضخیم جلدوں پر مشتمل Tafsir: Interpreting The Quran کا تجزیہ پیش کیا ہے۔مصنف لکھتے ہیں:  ”تفسیر پر سب سے زیادہ توجہ اہل سنت والجماعت کی رہی ہے۔ امت میں اسی کا اعتبار  بھی رہا ہے۔ لیکن ان نمائندہ ممتاز مسلم مفسرین کے بالمقابل زیادہ توجہ بلکہ سر پرستی صوفی، شیعہ معتزلہ، اسماعیلی حتی کہ بہائی مذہب کی آئینہ دار تفاسیر پر ہے۔ مثلاً اس مجموعے کی جلد ۳ میں شامل کل اکیس (۱۲) مقالات میں سے پندرہ (۵۱) مقالات مذکورہ بالا گروہی تفاسیر سے ہی مختص ہیں۔” (صفحہ 88) اس باب میں مصنف نے تفسیر کی روایت کو مجروح کرنے کی کوششوں کو بیان کیا ہے۔

    چھٹے باب ”برطانوی مستشرقین کے تراجم قرآن مجید: ایک محاکمہ” میں مختصر مگر جامع انداز میں 7 برطانوی مستشرقین کے ترجموں کا تعصب پیش کیا گیا ہے۔ مصنف کی یہ بات صحیح ہے کہ یہ  تحریریں ترجمہ کہلانے کی مستحق ہی نہیں ہیں۔ البتہ اس مضمون سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ ان مستشرقین کے تراجم وسیع پیمانے پر شائع ہوتے ہیں۔ مصنف لکھتے ہیں ”George Sale کا ترجمہ 1734 میں شائع ہوا اور  اب تک تقریباً 200 مرتبہ طبع ہو چکا ہے۔ (صفحہ 101)

    ساتویں باب” قرآن مجید کے انگریزی تراجم: ایک تنقیدی جائزہ ”میں مصنف نے مستشرقین کے انگریزی تراجم کی وجہ بتاتے ہوئے لکھا ہے: ”قرآن مجید کا استخفاف اور مخالفت جونز کے ذہن پر ایسی مستولی ہے کہ انھوں نے سیکڑوں قرآنی اصطلاحات، تراکیب اور الفاظ کو گنجلک، غیر واضح، بالکل مبہم اور مفہوم اور معنی سے عاری قرار دیتے ہوئے انھیں مسترد کر دیا ہے۔ غرض یہ کہ وہ کتاب مبین جس نے اب تک کروڑ ہا کروڑ افراد کو اپنے اعجاز اور ایجاز، حسن بیان اور بلاغت اور فصاحت سے مسحور کیا اور اپنے قارئین کی قلب ماہیت کردی، اس مستشرق کی نظر میں ایک بے معنی اور لایعنی کتاب ہے جس میں انھیں صرف ژولیدہ بیانی نظر آتی ہے۔ تعصب انسان کے دل و دماغ کو کیسا محتمل اور مفلوج کر دیتا ہے، اس حقیقت کا جیتا جاگتا نمونہ یہ ترجمہ قرآن مجید ہے۔ ”(صفحہ 118)

    آٹھویں مضمون ” قرآن مجید کے بارے میں مستشرقین کا علمی تعاقب” میں مصنف نے پہلے مستشرقین کے تعصب کو بیان کیا ہے اس کے بعد استشراق کے اس پردہ کو چاک کرنے والی دو کوششوں ۔ محمد مصطفی العظمی  پروفیسر مہر علی کے کتابوں کا تعارف پیش کیا ہے۔

    نویں باب ”ایک مستشرق کا خوشگوار انگریزی ترجمہ قرآن مجید ”میں مصنف نے امریکہ میں مقیم ٹامس کلیری کے انگریزی ترجمہ قرآن کی خصوصیات بیان کی ہے، مصنف لکھتے ہیں: ”صدیوں کو محیط استشراق کی تاریخ میں قرآن فہمی کی ایسی درخشاں مثال شاذ ہی ملتی ہے۔ ”

    دسویں مضمون ”دو حالیہ گراں قدر انگریزی تراجم قرآن مجید ” میں مصنف نے سید مودودی کی تفہیم القرآن کے انگریزی ترجمہ اور تفسیر عثمانی کے انگریزی ترجمہ کی خصوصیات کو بیان کرتے ہوئے لکھا ہے:  ”مسرت کا مقام البتہ یہ ہے کہ تراجم کے نام پر اس طاغوتی فکری یلغار کے باوصف چند پاک نفوس ایسے بھی ہیں جن کو خدمت قرآنی کی سعادت حاصل ہوئی ہے۔ ان کے تراجم غیر عربی خواں قارئین کے لیے مثل آب حیات ہیں کہ ان کے مطالعے سے وہ قرآن مجید کے مالہ وماعلیہ سے واقف ہوتے ہیں، ہدایت ربانی سے مالا مال ہوتے ہیں، اللہ کے احکام اور پیغام سے بہرہ ور ہو کر اپنا مقصد حیات پالیتے ہیں اور دنیا اور آخرت میں فوز وفلاح سے ہم کنار ہوتے ہیں۔ ان میں قابل ذکر ہیں سید مودودی کی ”تفہیم القرآن” کا انگریزی ترجمہ نیز تقی الدین ہلالی اور محسن خان، عبد الماجد دریابادی، محمد خطیب، محمود الحسن اور شبیر احمد عثمانی کی ”تفسیر عثمانی” کا انگریزی ترجمہ۔ ذکی احمد حماد، طریف خالدی، احمد رضا خاں بریلوی کی” کنز الایمان” کا انگریزی ترجمہ مفتی حسین الیاس اور صحیح انٹرنیشنل کے دعوتی ادارے کے انگریزی ترجمے ہیں۔”(صفحہ 137)

    گیارہویں مضمون” جنوبی افریقہ کے جج جان مرفی کا قبول اسلام؛ چند تاثرات ”میں مصنف نے سورہ الضحٰی سے متاثر اور قبول اسلام کرنے والے جنوبی افریقہ کے جج کے قبول اسلام پر مختصر تاثرات پیش کیے ہیں۔

    دوسرے باب میں مصنف نے ان مضامین کو شامل کیا ہے جن میں مستشرقین کے سیرت طیبہ پر کام کا تجزیہ کیا گیا ہے۔  پہلے مضمون میں مصنف نے مستشرقین کے xenophobia پر بحث کی ہے۔ مستشرقین نے اسلام پر حملے کے لیے سیرت طیبہ کو ہی کیوں چن لیا؛ مصنف لکھتے ہیں: اسلام کی تصویر کو مجروح کرنے کے لیے مستشرقین کی نظر انتخاب سب سے پہلے سیرت طیبہ پر پڑی۔ ایسا کرنے میں کئی مصلحتیں تھیں۔ اسلام کا بنیادی ماخذ تو قرآن پاک ہے لیکن اول تو عربی سے نا واقفیت آڑے آئی اور دوسرے قرآن پاک سے متعلق بحث ہوتی بھی تو سراسر علمی جس سے عام مغربی قارئین کو کیا دل چسپی ہوسکتی تھی۔ چناں چہ طے یہی پایا کہ سیرت طیبہ میں  جابجا عامیانہ افسانوں کی آمیزش کی جائے اور اسے اس درجے سنسنی خیز بنا دیا جائے کہ اس سے عوام الناس کو بھی دل چسپی پیدا ہو جائے اور ان کی اسلام دشمنی راسخ ہو جائے” (صفحہ 153) اس باب میں مصنف نے انگریزی ادیبوں مثلا دانتے، ولیم میور، ٹوئن بی وغیرہ کے افکار سے قاری کو آگاہ کیا ہے کہ کیسے ان کو اسلام کے تئیں دشمنی تھی۔ مصنف لکھتے ہیں کہ جو اعتراضات سیرت طیبہ پر کیے جاتے ہیں ان میں کوئی بھی موضوع سنجیدہ نہیں۔ کسی کو وحی سے مسئلہ ہے؛ کسی کو رسول رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاقی پہلو پر اعتراض ہے وغیرہ وغیرہ۔

    دوسرے مضمون ”سیرت طیبہ پر تھامس کارلائل کا رجحان ساز خطبہ” میں مصنف نے پہلے اہل مغرب کے اسلام کے خلاف بغض کو بیان کیا ہے۔ اس کے بعد مصنف نے تھامس کارلائل کے خطبہ کو بیان کیا ہے؛ جس میں اس نے سیرت پاک کی صحیح تصویر پیش کی ہے۔ پروفیسر عبدالرحیم قدوائی لکھتے ہیں:  ”مغربی علمی دنیا میں سیرت طیبہ سے متعلق ایک حد تک مثبت موقف کا سہرا کارلائل کے رجحان ساز خطبہ کو حاصل ہے۔”

    تیسرے مضمون” سیرت طیبہ (حالیہ مغربی تصانیف کے آئینے میں ”میں مصنف نے ان کتابوں کا تعارف کرایا ہے جن سے سیرت طیبہ کا مثبت پہلو سامنے آتا ہے۔

    چوتھے مضمون” بہتر عیسائی مسلم تعلقات کی نقیب” میں مصنف نے سیرت طیبہ پر مغرب میں لکھی گئی ایک کتاب The Humanity of Mohammad: A Christian view کا تعارف پیش کیا گیا ہے۔ مصنف کہتے ہیں کہ یہ تصنیف سیرت طیبہ کی عظمت، ندرت، جامعیت اور فضیلت کو عالمانہ اور مخلصانہ طور پر خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ مصنف نے بہت ہی خوب صورتی سے کتاب کا ریویو کیا ہے۔

    پانچوں مضمون ”سیرت طیبہ پر مغربی فضلاء کی تصانیف خوش آئند رجحانات” میں مصنف نے لکھا ہے کہ جہاں استشراق نے بحیثیت مجموعی اسلام شکن روایت پیش کی ہے؛ وہیں کچھ ایسی کتابیں بھی لکھی گئی ہیں جن میں بین المذہبی مطالعے کی عکاسی کی گئی ہے۔ ان مغربی مفکرین اور مورخین نے اسلام کی حقانیت کا اثبات کیا ہے جو کہ نہ صرف مسلمان عالم کے لیے باعث مسرت ہے بلکہ یہ بنی نوع انسان کے لیے ایک نیک فال ہے، اس مضمون میں ایسے مفکرین کا مصنف نے تفصیل سے ذکر کیا ہے جنھوں نے یہ کارنامہ انجام دیا۔

    کتاب کے تیسرے باب ”انگریزی ادب پر مغربی فضلاء کی تصانیف کا تنقیدی جائزہ” ” میں مصنف کے پانچ مضامین ہیں۔  پہلے مضمون” استعماری فکر کی روایت انگریزی ادب کے تناظر میں ” میں مصنف نے وڈز ورتھ کے خیالات میں استعماریت کو تفصیل سے بیان کیا ہے۔

    اس باب کے تیسرے مضمون” انگریزی رومانوی شاعرات کے کلام میں ہندوستان کی تصویر کشی” میں مصنف نے انیسویں صدی کی ان انگریزی شاعرات کا ذکر کیا ہے جن کے کلام میں ہندوستان اور اہل ہند کے گوناگوں مظاہر جلوہ گر ہیں،اس باب میں جن شاعرات کا مصنف نے تذکرہ کیا ہے ان میں گل سرسبد ایمارابرٹس، اینا ماریا جونز، فلیشا ڈوروتھی ہیمیز قابل ذکر ہے۔ مصنف اس مضمون کا اختتام یوں کرتے ہیں:  ”اپنے تنوع، لطائف اور ندرت کے باوصف ان کے اپنے عہد کے تعصبات اور مقبول عام سیاسی عزائم کے اسیر ہیں اور اس حقیقت کے شاہد بھی اور مشہور بھی کہ ادب بڑی حد تک اپنے عہد کا بہرکیف آئینہ ہی ہوتا ہے۔ ” (صفحہ 245)

    اس باب کے تیسرے مضمون ”برطانوی ناول نگار ای ایم فوسٹر ہند – اسلامی تہذیب کا شناور ”میں مصنف نے مشہور برطانوی ناول نگار ای ایم فوسٹرکے اسلامی تہذیب کے کام کو پیش کیا ہے۔ اس مضمون کو پڑھ کر یہ محسوس ہوتا ہے کہ انگریزی ادب کی تاریخ ہند اسلامی تہذیب سے بالغ النظر آگہی اور اس کی ستائش کے اظہار کے باب میں اس برطانوی ادیب ای ایم فوسٹر کا کوئی ثانی نہیں ہے۔

    چوتھے مضمون ”قوموں کا عروج و زوال: چند مغربی مفکرین کی آراء” میں مصنف نے چند مفکرین کی عروج و زوال کے متعلق آرا پیش کی ہیں۔

    کتاب کے آخری باب ”انگریزی ادب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تصویر کشی ایک تجرباتی مطالعہ” دراصل مصنف کتاب پروفیسر عبدالرحیم قدوائی کی انگریزی کتاب” Image of the Prophet Muhammad in English” کی تلخیص ہے، تلخیص کا کام زریاب احمد فلاحی نے انجام دیا ہے۔ وہ لکھتے ہیں:  ”مذکورہ کتاب ذریعہ انھوں نے مسلم مسلم و مغربی دنیاؤں کے مابین افہام و تفھیم کی سعی کی ہے، اس میں بارہویں صدی سے 1900 تک کے انگریزی ادب میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تصویر کا بیان اور تجزیہ ہے، جس سے انگریزی کی ادبی تہذیبی مطالعات اور ادبی استشراق کے طلبہ کے لیے خاصا دل چسپی کا سامان فراہم ہوگا۔ ”(صفحہ 264)

    یہ باب تیس ابواب پر مشتمل ہے اور فلاحی صاحب نے خوب صورتی سے ساری کتاب کی تلخیص پیش کی ہے۔

    یہ کتاب ہندوستان کے موقر ادارہ” ادارہ تحقیق و تصنیف اسلامی علی گڑھ نے عمدہ گیٹ اپ پر شائع کی ہے۔ کتاب ہارڈ باونڈ ہے اور قیمت 500 روپے مناسب ہے۔ کتاب فون نمبر90274 45919 پر حاصل کی جا سکتی ہے۔