Category: تصویر وطن

  • سنبھل کی شاہی جامع مسجد

    سنبھل کی شاہی جامع مسجد

     

    بنارس کی گیان واپی مسجد اور متھرا کی شاہی عید گاہ کے مندرہونے کے فرضی دعوؤں کے درمیان یو پی کے ضلع سنبھل کی تاریخی شاہی جامع مسجد کو مندر میں تبدیل کرنے کی حکومت کی مذموم کوششیں تیزتر ہو گئی ہیں ۔ بابری مسجد کی طرح ہی سنبھل کی شاہی جامع مسجد کو مغل باد شاہ بابر سے جوڑ دیا گیا ہے۔ یہ سب کچھ مقامی عدالت کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔ سنبھل پولیس کی پر تشدد کاروائیوں میں پانچ مسلم نوجوان شہید ہوگئے۔

    سنبھل سے تقریباً25؍ کلو میٹر دور واقع کیلا دیوی مندر کے مہنت رشی راج اور ان کے ساتھیوں نے 19؍ نومبر 2024 کو سول عدالت میں ایک عرضی داخل کی۔ اس عرضی میں دعویٰ کیا گیا کہ سنبھل کی شاہی جامع مسجد اصل میں ہری ہر مندر ہے جسے مغل باد شاہ بابر نے تو ڑ کر مسجد بنائی تھی۔ لہٰذا محکمہ آثار قدیمہ کے ذریعے اس کا سروے کرایا جائے۔ عدالت نے مسجد کا موقف جانے بغیر ہی  درخواست قبول کرلی اور اسی دن مسجد کے سروے کا حکم صادر کردیا۔ چند منٹوں میں ہی سروے ٹیم تشکیل دے دی گئی۔ عدالت کے حکم سے یہ  ٹیم شاہی جامع مسجد کا سروے کرنے نکل پڑی۔ سروے ٹیم نے مسجد کے ذمہ داروں کو عدالت کا آڈر دکھانے کے فوراً بعد ہی مسجد کا سروے شروع کر دیا۔ مسجد انتظامیہ کے ذمہ داران اور مقامی مسلمانوں نے عدالت کے حکم کا احترام کرتے ہوئے مسجد کا سروے کرنے کی نہ صرف اجازت دی بلکہ سروے ٹیم کی ہر ممکن مدد بھی کی۔ اس دن سروے کا کام نہایت پر امن طریقے سے مکمل ہو گیا۔ اس دوران مقامی مسلمانوں کی طرف سے پوری طرح سے صبر و سکون کا مظاہرہ کیا گیا۔ سروے مکمل کرنے کے بعد ٹیم واپس چلی گئی ۔ لیکن 24؍نومبر کو سروے ٹیم بغیر کسی اطلاع کے اچانک جامع مسجد پھر پہنچ گئی۔ سروے ٹیم نے جامع مسجد میں داخل ہوکر سروے کرنے پر اصرار کیا۔ اس بار سروے ٹیم کے ساتھ بھاری تعداد میں پولیس فورس اور لوگوں کا ہجوم تھا۔ ہجوم کی طرف سے لگاتار اشتعال انگیز مسلم مخالف نعرے لگا ئے جا رہے تھے۔ ٹیم نے پولیس فورس کے ساتھ مسجد میں داخل ہوکر سروے شروع کر دیا۔ اس دوران مسجد کے انتظام کاروں اور مقامی مسلمانوں نے مسجد کا دوبارہ سروے کرنے اور اس کے طور طریقے پر سوال اٹھایا۔ اس دوران ٹیم کے ساتھ آئی ہوئی بھیڑ اشتعال انگیز مسلم مخالف نعرے لگا رہی تھی۔ لیکن پولیس نے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی بلکہ پولیس کا رویہ جا نب دارانہ تھا۔ اسی درمیان بھیڑ کی طرف سے اینٹ پتھر چلنے لگے ۔پولیس نے تشدد پر آمادہ ہجوم کو روکنے کی کوئی کوشش نہیں کی بلکہ اس نے وہاں موجود مقامی مسلمانوں پر ڈنڈے برسانے شروع کر دئے۔ ہنگامے کے دوران جم کر پتھراؤ ہوا۔ بھیڑ کے ساتھ مل کر پولیس نے بھی مسلمانوں پر پتھراؤ شروع کر دیا۔

    ہنگامے کے کئی وائرل ویڈو سامنے آئے ہیں جس میں مسلمانوں کے ہجوم پر پولیس کو سیدھی فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس فائرنگ سے پانچ مسلم نوجوانوں کی موت اور درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔ بہت سے زخمی  پولیس کے خوف سے اپنا علاج اسپتالوں میں نہیں کرا پا ئے ۔ انہیں خوف تھا کہ پولیس ان کو گرفتار کرلے گی۔ اب تک تیس سے زیادہ لوگوں کو گرفتار کرکے جیل بھیجا جا چکا ہے۔ ان میں چار مسلم خواتین بھی شامل ہیں۔ تشدد پھیلانے کے الزام میں لگ بھگ چارسو افراد کی پولیس نے شناخت کی ہے۔ پولیس نے ان لوگوں کی  تصویریں اور پوسٹرس جاری کئے ہیں، ان میں سبھی مسلمان ہیں۔ انتظامیہ نے صرف چار اموات کی تصدیق کی ہے۔ پولیس فائرنگ سے مرنے والوں میں بلال،نعیم، کیف اور ایان کا نام شامل ہے ۔ ایان کی عمر سولہ برس بتائی جا رہی ہے۔ پولیس اور اس کے ساتھ آئی بھیڑ کے تشدد سے درجنوں مسلمان زخمی ہوئے ہیں۔مسلم دکانوں اور گاڑیوں کو آگ لگائی گئی اور بھیڑ نے گھروں پر حملے کئے۔ پولیس انتظامیہ نے اس بات سے انکار کیا ہے کہ اس کی فائرنگ سے کسی کی موت ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے جو فائرنگ کی ہے وہ اپنی حفاظت کے لیے کی تھی۔لیکن مرنے والے نوجوان کس کی فائرنگ سے مارے گئے،  اس کا واضح جواب پولیس کے پاس نہیں ہے۔ مقامی مسلمانوں کا الزام ہے کہ نوجوانوں کی موت پولیس کی فائرنگ سے ہوئی ہے۔ ان الزامات کے بعد ریاستی حکومت نے معاملے کی عدالتی جانچ کا حکم دیا ہے۔ الہ آباد ہائی کورٹ کے سابق جسٹس دیوندر کمار اروڑا کی سربراہی میں تین رکنی جانچ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اس کمیٹی میں سابق آئی اے ایس افسرامت موہن پرساد اور اروند کمار جین کو رکن بنایا گیا ہے۔ جانچ کمیٹی میں کسی مسلم  نمائندے کو جگہ نہیں دی گئی ہے۔ جب کہ یہ پورا معاملہ مسلمانوں سے جڑا ہوا ہے۔ جانچ کمیٹی نے اپنا کام شروع کر دیا ہے۔ اس نے شاہی جامع مسجد معائنہ کیا۔ اس جگہ کا بھی معائنہ کیا جہاں سے تشدد کی آگ بھڑکی تھی ۔

    سنبھل کی شاہی جامع مسجد سولہویں صدی عیسوی میں تعمیر کی گئی تھی۔ یہ مسجد سنبھل شہر کے وسط میں واقع ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ اس مسجد کی تعمیر مغل باد شاہ بابر نے 1527میں کرائی تھی۔شاہی مسجد جہاں واقع ہے آج یہ شہر کا گنجان علاقہ ہے۔ مسجد کے سامنے زیادہ تر ہندوؤں کی دکانیں ہیں جب کہ مسجد کے پیچھے چاروں طرف مسلمانوں کی آبادی ہے۔ 24؍نومبر کے تشدد کے بعد سے مسلم علاقوں میں خوف کا ماحول ہے۔ پولیس نے مسلمانوں کے خلاف یک طرفہ کارروائی کی ہے۔مسجد کے قریبی علاقوں کے مسلمان پولیس کی کارروائی سے بچنے کے لیے گھروں میں تالا لگا کر دوسری جگہ منتقل ہو گئے ہیں۔ مقامی پولیس فٹیج کی مدد سے مسلم نوجوانوں کی شناخت رہی ہے اور ان کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔ پولیس کے مطابق ویڈیو فٹیج کی مدد سے اب تک چار سو لوگوں کی شناخت کی گئی ہے۔ پولیس ان کو گرفتار کرنے کے لیے کئی مقامات پر دبش کررہی ہے ۔بعض سرکردہ مسلمانوں نے  سپریم کورٹ سے رجوع کیا- 29؍نومبر کو سنبھل تشدد کا معاملہ سپریم کورٹ کے سامنے پیش ہوا۔ ابتدائی سماعت کے بعد چیف جسٹس سنجیو کھنا اور جسٹس سنجیے کمار کی بنچ نے مسجد معاملے میں سول کورٹ کی تمام پروسیڈنگ پر فی الحال روک لگا دی ہے ۔ ساتھ ہی عدالت نے سول کورٹ کو یہ بھی حکم دیا ہے کہ کمشنر کی سروے رپورٹ سیل بند لفافے میں رکھی جائے ۔سپریم کورٹ نے سنبھل انتظامیہ کو یہ بھی حکم دیا ہے کہ وہ پوری طرح سے غیر جانب دار رہ کر شہر میں امن وامان کو بحال کرے۔سنبھل تشدد معاملے میں ریاستی حکومت کا رویہ انتہائی جانبدارانہ ہے۔ ریاستی حکومت نے پولیس فائرنگ سے کسی کی موت ہونے سے صاف انکار کر دیا ہے۔حکومت نے 10؍ دسمبر تک کسی بھی سماجی یا سیاسی تنظیم کے لیڈر یا باہری شخص کے سنبھل میں داخل ہونے پر روک لگا دی تھی جب کہ اپوزیشن کی کئی جماعتیں سنبھل کا دورہ کرنا چاہتی تھیں۔اپوزیشن کی جماعتوں نے سنبھل تشدد پر ریاست حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ سماج وادی پارٹی، کانگریس ، بہوجن سماج پارٹی اور آزاد سماج پارٹی نےسنبھل تشدد کے لیے یوگی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادؤ نے پولیس فائرنگ میں مرنے والوں کے لواحقین کو مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے ۔اکھلیش یادؤ نے الزام لگایا کہ سنبھل کا فساد سرکار نے کرایا ہے ۔ سرکار چاہتی ہے کہ ضمنی چناؤ میں جو ووٹوں کی لوٹ ہوئی ہے اس پر پردہ ڈالا جا سکے۔ فساد کرانے میں پولیس افسران سیدھے طور سے شامل ہیں۔سپا لیڈر رام گوپال یادؤ نے بھی اس مسئلے کو راجیہ سبھا میں اٹھایا۔ اسی طرح آزاد سماج پارٹی کے سربراہ چندر شیکھر راون نے سنبھل تشدد کے لیے سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ سنبھل میں جو تشدد کا واقعہ ہوا ہے وہ ایک منصوبہ بند سازش کا حصہ ہے ۔ چندر شیکھر آزاد راون نے مطالبہ کیا کہ سنبھل تشدد واقعے کی جانچ سپریم کورٹ کی نگرانی میں سی بی آئی سے کرائی جائے۔

    پورے معاملے پر گہرائی سے غور کرنے سے پتہ چلتا ہے کہ سنبھل کی شاہی جامع مسجد پر قبضہ کرنے کے ڈرامے کی اسکرپٹ کافی پہلے ہی تیارکر لی گئی تھی۔ اس معاملے میں کیلا دیوی مندر کے مہنت، عدالت، پولیس، انتظامیہ اور حکومت نے پہلے سے اپنا کردار طے کر لیا تھا۔ اس بار بھی نام نہاد سیکولر پارٹیوں کا رویہ ماضی کی طرح کی منافقانہ رہا۔مسجدوں کی نیچے مندر دبے ہونے کے مفروضہ معاملات کو ایک مخصوص درجہ حرارت پربنائے رکھنے کی کوشش کی  جا رہی ہے۔ اس کا وقت بھی بہت سوچ سمجھ کر چنا گیا تھا۔ الہ آباد میں 14؍ جنوری سے مہاکمبھ کی شروعات ہونے جا رہی ہے۔ 26؍ جنوری کو مہا کمبھ میں وشو ہندو پریشد کے زیر اہتمام سادھوں سنتوں کی دھرم سنسد منعقد کی جائے گی ۔دھرم سنسد میں وقف ایکٹ کا خاتمہ اور مسجدوں کے نیچے مندر ہونے کے مسئلے پر حکمت عملی طے کی جائے گی۔ اکھل بھارتیہ اکھاڑا پریشد نے بھی اس معاملے میں اپنا رخ سخت کر لیا ہے۔سنبھل کی شاہی جامع مسجد کے معاملے کو بابری مسجد کی طرز پر چلانے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ کیوں کہ اس سے بھی بابر کا نام جڑا ہے ۔مہا کمبھ میں اس مسئلے کو رام مندر تحریک کی طرح چلانے کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔

  • دہلی اسمبلی الیکشن: کون مارے گا بازی؟

    دہلی اسمبلی الیکشن: کون مارے گا بازی؟

    دہلی میں اسمبلی انتخابات کاوقت جوں جوں قریب آرہا ہے کلیدی سیاسی پارٹیاں خم ٹھونکنے لگی ہیں۔ دہلی اسمبلی کی مدت 25 فروری 2025 کو ختم ہو رہی ہے۔ اس سے قبل انتخابات کا عمل مکمل ہو جاناچاہئے اور نئی اسمبلی کی تشکیل ہوجانی چاہیے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے انتخابی تاریخوں کا اعلان ابھی نہیں کیا ہے۔ توقع ہے کہ اسی ماہ کے اواخر تک اعلان کر دیا جائے گا۔ انتخابی تاریخوں کے اعلان کے ساتھ گہما گہمی مزیدبڑھ جائے گی۔ یوں تو دہلی میں کئی پارٹیوں کے رہنما اور کارکن ہیں لیکن حقیقتاً صرف تین پارٹیوں میں مقابلہ ہے۔ یعنی یہاں سہ رخی مقابلہ ہوگا۔ دہلی میں برسراقتدار عام آدمی پارٹی، اپوزیشن بی جے پی اور کانگریس میدان میں ہیں۔ عام آدمی پارٹی نے 2020 کے انتخابات میں 70 میں سے 62 سیٹیں جیتی تھیں جب کہ  بی جے پی کی جھولی میں صرف آٹھ سیٹیں آئی تھیں۔ کانگریس کا دامن بالکل خالی رہ گیا تھا۔ جب کہ  اس سے قبل یعنی 2015 کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے 67 اور بی جے پی نے صرف تین سیٹیں جیتی تھیں۔ اس میں بھی کانگریس کے ہاتھ ایک بھی سیٹ نہیں لگی تھی۔ حالاں کہ   کانگریس ایک عرصے تک یہاں حکومت کرتی رہی ہے۔ شیلا دیکشت نے مسلسل پندرہ سال حکومت کی تھی۔ لیکن جب سے عام آدمی پارٹی کا جنم ہوا ہے اس کی قسمت پر گہن لگ گیا ہے۔

    جیسا کہ عام طور پر ہر الیکشن میں ہوتا ہے اس میں بھی ہو رہا ہے یعنی سیاست داں دل بدلی میں مصروف ہیں۔ کسی دن کوئی کانگریسی عام آدمی پارٹی میں شامل ہو جاتا ہے تو کسی دن کوئی عام آدمی پارٹی والا کانگریس میں چلا جاتا ہے۔ بی جے پی میں بھی عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے کئی لیڈران شامل ہو چکے ہیں۔ جن میں دو وزراء راج کمار آنند اور کیلاش گہلوت قابل ذکر ہیں۔ راج کمار آنند پارلیمانی انتخابات سے قبل دہلی حکومت سے نکل کر بی جے پی میں شامل ہوئے تو کیلاش گہلوت دہلی اسمبلی الیکشن سے قبل نکل گئے اور انھوں نے بی جے پی کا دامن تھام لیا۔ عام آدمی پارٹی کا الزام ہے کہ بی جے پی نے ان کو سی بی آئی، ای ڈی اور انکم ٹیکس محکمے کا ڈر دکھا کر اپنے پالے میں شامل کیا ہے۔ لیکن اب یہ پتہ نہیں کہ راج کمار آنند کہاں ہیں اور کیلاش گہلوت کہاں ہیں۔ ممکن ہے کہ عام آدمی پارٹی کے الزام میں صداقت ہو اور حکومت نے ان دونوں کو اس لیے توڑا ہو تاکہ عام آدمی پارٹی کی طاقت کمزور کی جا سکے۔ عام آدمی پارٹی کے اروند کیجری وال، سنجے سنگھ اور منیش سسودیا پہلے بھی بی جے پی پر یہ الزام لگاتے رہے ہیں کہ وہ ان کی پارٹی کو توڑنا چاہتی ہے تاکہ دہلی کی حکومت پر قبضہ کیا جا سکے۔ اسی لیے سسودیا کو بھی جیل بھیجا گیا، سنجے سنگھ کو بھی اور کیجری وال کو بھی۔ ادھر پھر کچھ لیڈروں کو جیل بھیجا گیا ہے۔ دراصل مرکزی وزیر داخلہ اور سینئر بی جے پی لیڈر امت شاہ اس بار ہرحال میں دہلی اسمبلی کا الیکشن جیتنا چاہتے ہیں اور اس کے لیے وہ کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں۔ لہٰذا اس امکان سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ عام آدمی پارٹی کے لیڈروں کو ڈرا دھمکا کر یا لالچ دلا کر توڑا گیا ہو اور اس سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا کہ اس کی طاقت کو کمزور کرنے کے مقصد سے ہی اس کے لیڈروں کو جیل بھیجا جا رہا ہو۔

    ویسے کیجری وال اور سسودیا پر دہلی شراب پالیسی میں بدعنوانی کے الزامات پارٹی کے لیے پریشان کن ہیں۔ مبصرین کا خیال ہے کہ کیجری وال نے ایک نئی قسم کی سیاست شروع کرنے کے لیے سیاسی پارٹی کا قیام کیا تھا اور بار بار اعلان کیا تھا کہ وہ سیاست میں شفافیت لانے کے لیے سیاست میں آئے ہیں۔ لیکن ان پر الزامات کی وجہ سے ان کی ساکھ خراب ہوئی ہے اور اس کا احساس کیجری وال کو بھی ہے۔ اسی لیے انھوں نے دو مواقع پر بہت ہی سوچ سمجھ کر چال چلی تھی۔ ایک تو یہ کہ انھوں نے کرپشن کے الزام میں جیل جانے کے باوجود وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ نہیں دیا اور دوسرے جیل سے باہر آنے کے کچھ دنوں کے بعد استعفیٰ دے دیا اور آتشی کو وزیر اعلیٰ بنا دیا۔ اگر وہ جیل جانے کے وقت استعفیٰ دیتے تو عوام میں یہ پیغام جاتا کہ ضرور ان کے ہاتھ کالے ہو گئے ہیں۔ وہ یہ تاثر دینا نہیں چاہتے تھے۔ جہاں تک آتشی کو وزیر اعلیٰ بنائے جانے کا معاملہ ہے تو اس کی دو وجوہات ہیں۔ پہلی یہ کہ کیجری وال حکومت کی ذمہ داریوں سے فارغ ہو گئے ہیں۔ اب وہ اپنا پورا وقت الیکشن کو دے سکتے ہیں۔ دوسری یہ کہ آتشی کو وزیر اعلیٰ بنانے کے پیچھے خواتین کے زیادہ سے زیادہ ووٹ حاصل کرنا ہے۔ اب یہ داؤ چلے گا یا نہیں ،کہا نہیں جا سکتا۔ ادھر عام آدمی پارٹی نے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی الیکشن کمیشن میں جا جا کر اس کے لاکھوں ووٹرز کے نام کٹوا رہی ہے۔

    پارلیمانی انتخابات سے قبل بی جے پی مخالف اپوزیشن پارٹیوں میں اتحاد پیدا ہوا تھا اور انھوں نے انڈیا نامی محاذ قائم کیا تھا۔ اس محاذ میں عام آدمی پارٹی بھی شامل رہی ہے۔ لیکن وقت کے گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ اتحاد کمزور ہوتا چلا گیا۔ کئی پارٹیوں نے اس سے علیحدگی اختیار کر لی۔ کیجری وال نے ہریانہ الیکشن میں کانگریس سے اتحاد نہیں کیا۔ حالاں کہ   دونوں پارٹیاں چاہتی تھیں کہ اتحاد ہو جائے۔ لیکن نہیں ہوا۔ اس کے بعد یہ توقع کی جا رہی تھی کہ شاید دہلی کے اسمبلی انتخابات کے موقع پر دونوں میں اتحاد ہو جائے اور وہ مل کر الیکشن لڑیں۔ لیکن کیجری وال نے صاف کر دیا ہے کہ الیکشن میں کانگریس سے اتحاد کرنے کا کوئی سوال ہی نہیں ہے۔ دراصل عام آدمی پارٹی کے جو ووٹر ہیں وہ بی جے پی اور کانگریس دونوں پارٹیوں کے ووٹر رہے ہیں۔ کیجری وال کو یہ امید ہے کہ وہ تن تنہا ہی الیکشن لڑ کر کامیاب ہو سکتے ہیں لہٰذا اس کامیابی میں کانگریس کو حصہ کیوں دیا جائے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ جب سے یہ پارٹی منظر عام پر آئی ہے دہلی کے لوگوں نے اسمبلی میں اسے اور پارلیمنٹ میں بی جے پی کو ترجیح دی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ مرکز میں بی جے پی اور دہلی میں عام آدمی پارٹی۔ حالاں کہ   عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کے کچھ لیڈران کانگریس میں بھی شامل ہوئے ہیں لیکن کیا کانگریس کو اس سے کچھ فائدہ ہوگا کہا نہیں جا سکتا۔

    حقیقت یہ ہے کہ عام آدمی پارٹی کے پاس دہلی کی سطح پر قیادت موجود ہے۔ لیکن کانگریس اور بی جے پی کے پاس اس طرح مضبوط قیادت نہیں ہے۔ لیکن بعض مبصرین کا خیال ہے کہ اس بار عام آدمی پارٹی کا کامیابی کے رتھ پر سوار ہونا آسان نہیں ہوگا۔ بدعنوانی کے الزامات نے پارٹی کی ساکھ کو متاثر کیا ہے۔ دوسری طرف اس سے پہلے کے الیکشن میں مسلمانوں نے اجتماعی طور پر عام آدمی پارٹی کو ووٹ دیا تھا۔ لیکن اس بار اس کا امکان کم ہے۔ بہت سے مسلمان اس کی پالیسیوں سے خوش نہیں ہیں۔ پارلیمانی الیکشن میں مسلمانوں نے بڑی تعداد میں کانگریس کو ووٹ دیا۔ دہلی میں مسلمانوں کے تین بڑے مراکز ہیں۔ اوکھلا، جامع مسجد جس میں بلی ماران وغیرہ بھی شامل ہیں اور جمنا پار یعنی سیلم پوراور جعفر آباد۔ ان تینوں مراکز میں عام آدمی پارٹی نے مسلمانوں کے لیے کوئی خاص کام نہیں کیا۔ مسلمانوں سے متعلق تمام ادارے عضو معطل بنے ہوئے ہیں خواہ دہلی اقلیتی کمیشن ہو یا وقف بورڈ یا پھر دہلی اردو اکادمی۔ وقف بورڈ کے وکیل نے جس طرح اوقاف کی املاک کو نقصان پہنچایا ہے اسے مسلمانوں نے فراموش نہیں کیا ہے۔ مسلم علاقوں میں عوامی سہولتوں کے تعلق سے بھی کوئی خاص کام نہیں ہوا ہے۔ سڑکیں اور سیور لائن خراب ہیں۔ مہینوں تک کوئی پرسان حال نہیں ہوتا۔ لیکن بہرحال الیکشن آتے آتے حالات کیا رخ اختیار کرتے ہیں کہا نہیں جا سکتا۔

    کانگریس نے دہلی میں خودکو مضبوط بنانے کے لیے دہلی نیائے یاترا نکالی تھی جو جگہ جگہ سے گزری تھی۔ لیکن اس یاترا کا کوئی اثر نظر نہیں آیا۔ اس کی وجہ یہ رہی کہ اس میں مرکزی قیادت سے ایک بھی لیڈر شریک نہیں ہوا۔ جب تک مرکزی لیڈران اس قسم کی مہموںمیں شریک نہیں ہوتے کوئی اثر نہیں پڑتا۔ یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ کانگریس اب بی جے پی کی طرح کیڈر والی پارٹی نہیں رہ گئی کہ مرکزی قیادت کسی مہم میں شامل نہیں ہوگی تب بھی اس کے کارکن اس کو کامیاب بنا دیں گے۔ اسی لیے تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ الیکشن میں کانگریس کوئی قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اس کا امکان کم ہے۔ یہ ممکن ہے کہ اس کے دو ایک امیدوار جیت جائیں لیکن وہ کسی ایسی پوزیشن میں آنے سے رہی کہ حکومت سازی میں کوئی اہم کردار ادا کر سکے۔

    اس سے قبل دہلی کے عام لوگ یعنی جھگی جھونپڑی میں رہنے والے اور آٹو رکشا چلانے والے عام آدمی پارٹی کی ریڑھ کی ہڈی ثابت ہوئے تھے۔ دو سو یونٹ تک مفت بجلی نے بہت سے گھروں کو بجلی کے بل سے نجات دلا دی۔ اس کی یہ اسکیم بہت کامیاب رہی۔ یہی وجہ ہے کہ اس الیکشن میں بی جے پی اور کانگریس نے بھی اسی قسم کا اعلان کیا ہے۔ بی جے پی نے اعلان کیا ہے کہ اگر وہ برسراقتدار آئی تو اس اسکیم کو جاری رکھے گی۔ جب کہ  کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ وہ حکومت میں آئی تو دو سو کے بجائے چار سو یونٹ تک بجلی فری کر دے گی۔ اب ان اعلانات کا عوام پر کتنا اثر پڑے گا کہا نہیں جا سکتا۔ ادھر کیجری وال نے ایک بار پھر آٹو رکشا ڈرائیوروں کو رجھانے کی کوشش کی ہے۔ چوں کہ  ان کو اس بات کا احساس ہے کہ اس طبقے کے لوگ اب اجتماعی طور پر اس کے ساتھ نہیں ہیں بہت سے الگ ہو گئے ہیں لہٰذا انھوں نے آٹورکشا ڈرائیوروں کے لیے ایک بڑی پرکشش اسکیم کا اعلان کیا ہے۔ کیجری وال نے آٹو رکشا والوں کے لیے پانچ گارنٹیوں کا اعلان کیا ہے۔ جس میں ان کے لیے دس لاکھ کا انشورنس اور بیٹیوں کی شادی اور بچوں کی تعلیم کے لیے ایک لاکھ کی امداد کا اعلان شامل ہے۔ اس کے علاوہ ڈرائیوروں کے یونیفارم کے لیے دو سال پر 25 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ ان کے بچوں کی کوچنگ کلاس پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ اس نے ’’پوچھو ایپ‘‘ نامی اسکیم شروع کرنے کا پھر اعلان کیا ہے۔ انھوں نے اس سلسلے میں اپنے گھر پر آٹو ڈرائیوروں کے ساتھ ایک میٹنگ بھی کی۔

    بہرحال اس وقت دہلی میں انتخابی گہما گہمی شروع ہونے والی ہے۔ مقابلہ تین پارٹیوں کے درمیان ہوگا۔ لیکن حقیقی مقابلہ عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کے درمیان ہی ہوگا۔ بی جے پی اس بار ہر حال میں جیت حاصل کرنا چاہتی ہے۔ وہ اس کے لیے کچھ بھی کرنے کو تیار ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ وہ اس میں کہاں تک کامیاب ہوتی ہے اور عام آدمی پارٹی اس کی چالوں کی کاٹ کے لیے کیا ہتھکنڈے اپناتی ہے۔

  • مسلم ریزرویشن پر قانونی بحث

    مسلم ریزرویشن پر قانونی بحث

    یونیفارم سول کوڈ پر مسلم تنظیمیں اور جماعتیں اپنے تحفظات کو جب بھی سامنے رکھتی ہیں تو دوسری طرف سے پرزورانداز میں سوال کیا جاتا ہے کہ ملک آئین سے چلے گا یا پھر قرآن سے؟ جب کہ یہ سوال ہی بنیادی طور پر غلط اور بھرم پیدا کردینے والا ہے۔ آئین کے نام پر مسلمانوں کو مذہبی آزادی سے محروم کرنے کی کوشش کرنے والوں سے جب یہ سوال کیا جاتا ہے جس آئین کا وہ حوالہ دے رہے ہیں اسی آئین نے سماجی انصاف کا وعدہ کیا ہے۔ آئین نے ملک کے ہر شہری کو یکساں مواقع اور سماجی انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کی ہے۔ اور اسی آئین میں مساوات کے حصول کے لیے  پسماندہ افراد کو خصوصی دفعات کے تحت تحفظات فراہم کرنے کی  گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔ مگر المیہ یہ ہے کہ سماجی انصاف کے تقاضے کے تحت جب بھی مسلمانوں کو ریزرویشن فراہم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے تو  عدلیہ سے لے کر سیاسی جماعتوں اور ہندوتو گروپ تک اس کی شدید مخالفت کرتے ہیں ۔مرکزی حکومت بنام اندرا ساہنی کے فیصلے کا حوالہ دیا جاتا ہے کہ مذہبی بنیاد پر کسی بھی کمیونیٹی کو ریزرویشن فراہم نہیں کیا جاسکتا ہے۔

    اس سال مئی 2024 میں کلکتہ ہائی کورٹ نے 2010کے بعد او بی سی زمرے میں شامل کی گئیں  77مسلم برادریوں اور جاری کئے گئے ان کے اوبی سی سرٹیفکٹس کو منسوخ کردیا تھا۔ اس فیصلے کے خلاف مغربی بنگال حکومت سپریم کورٹ سے رجوع کرچکی ہے۔ بنگال حکومت متعدد مرتبہ فوری سماعت کی اپیل بھی کرچکی ہے مگر عدالت اپنی ہی رفتار سے سماعت کررہی ہے ۔ اس ہفتہ اس معاملے کی سماعت کرتے ہوئے جسٹس بی آر گوائی اور جسٹس کے وی وشواناتھن پرمشتمل بنچ نےایک بار پھر تبصرہ کیا کہ ریزرویشن مذہب کی بنیاد پر نہیں دیا جانا چاہیے۔ پھر کیا تھا کہ بنچ کا یہ تبصرہ میڈیا میں خوب اچھالا گیا اور یہ تاثر قائم کیا گیا کہ بنگال میں مسلمانوں کو ریزرویشن مذہب کی بنیاد پر فراہم کیا گیا ہے۔ جب کہ بنچ نے سماعت کے دوران کئی اور بھی اہم تبصرے کئے جو بنگال میں مسلم ریزرویشن کے حق میں تھے۔جسٹس وشواناتھن نے کلکتہ ہائی کورٹ کے فیصلے میں خامیوں کی طرف نشان دہی کرتے ہوئے کہا کہ ریزرویشن فراہم کرنے کا اختیار ایگزیکٹیو سے نہیں چھینا جاسکتا ہے۔

    22مئی 2024کو کلکتہ ہائی کورٹ نے 77 مسلم طبقات کو ریزرویشن اور اس کی بنیاد پر جاری کئے گئے  اوبی سی سرٹیفکٹ کو منسوخ کرتے ہوئے  211 صفحات پر مشتمل اپنے فیصلے میں جو تبصرے کئے ہیں وہ اس ملک کے عدالتی نظام میں سماجی عدم تنوع کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ بھارت کے عدالتی نظام کا سب سے بڑاالمیہ یہی ہے کہ حکمرانی کے دیگر شعبوں کی طرح عدالتی نظام پر بھی اشرافیہ کا ہی دبدبہ ہے ۔بار اور بنچ دونوں ہی اعلیٰ ذاتوں کے زیر اثر ہیں۔ جب کہ اعلیٰ ذات ملک کی آبادی کا 10 فیصد سے زیادہ نہیں ہے۔ چنانچہ جب بھی 90 فیصد غیر نمائندہ ذاتیں اپنے حقوق کے حصولیابی کے لیے جدو جہد کرتی ہیں تو انہیں عدالتوں سے مایوسی ہی ہاتھ آتی ہے۔متنوع سماج کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے  لازمی تھا کہ بار اور بنچ (عدالتی نظام جس میں جج، وکیل اور دیگر عدالتی عملہ شامل ہے) میں تنوع ہوتا اور سماج کے تمام طبقات کی یکساں نمائندگی ہوتی۔ اس وقت بھارت کے عدالتی نظام پر مخصوص طبقات اور چندخاندان کا قبضہ ہے اسی بناء پر عدالتیں انصاف فراہم کرنے سے قاصر ہیں ۔ انصاف کی فراہمی جو جمہوریت کی بقا کے لیے  لازمی ہے، کا عمل مکمل طور پر رک سا گیا ہے۔ عدالت کا یہ رجحان  ایسے معاملات میں سب سے زیادہ شدت سے ظاہر ہوتا ہے جب پسماندہ طبقات کو سماجی برابری، مساوات اور انصاف فراہم کرنے کا سوال سامنے آتا ہے۔ ریزرویشن سماجی پسماندگی اور مساوات قائم کرنے کا ایک بہترین راستہ ہے، مگر جب جب عدالت کے سامنے ریزرویشن کا مسئلہ آتا ہے عدالت کا رویہ انتہائی سخت ہوجاتا ہے۔ مگر مرکزی حکومت کے معاشی طور پر پسماندہ اعلیٰ ذاتوں کو 10فیصد ریزرویشن دئے جانے کے فیصلے کو اس سخت آزمائش سے گزارنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی۔ مذہبی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو تحفظات فراہم کرنے کی بات آتی ہے تو عدالتی جانچ مزید سخت ہوجاتی ہے۔ اس کی سب سے بڑی مثال کلکتہ ہائی کورٹ کا حالیہ فیصلہ ہے۔

    کلکتہ ہائی کورٹ نے ناقص آئینی تشریحات اور سماجی تنوع کی ضرورت کا ادراک کئے بغیر اپنے فیصلے میں یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ 77مسلم برادریوں کو اوبی سی میں شامل کرنے کا فیصلہ محض مذہبی سیاست کا نتیجہ ہے۔ ہائی کورٹ نے بنگال حکومت کے دائرہ کار اور بیک ورڈ کلاس کمیشن کے اختیارات کو بھی سلب کرلیا اور سروے کی معتبریت پر بھی سوال اٹھایا ہے ۔اس سے قبل 2004میں غیر منقسم آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے بھی راج شیکھر ریڈی کی حکومت کے ذریعہ مسلمانوں کو پسماندہ برادری میں شامل کرنے کے فیصلہ پر روک لگادی تھی۔ پسماندگی کے شکار بنگال کے مسلمانوں کو سماجی انصاف کی فراہمی سے محروم کرنے والا یہ فیصلہ دراصل عدلیہ میں اعلیٰ ذات کے ججوں کی بالادستی کا نتیجہ ہے۔کلکتہ ہائی کورٹ کا فیصلہ مسلمانوں کو دیگر پسماندہ طبقات کے کوٹے میں ریزرویشن فراہم کرنے کے خلاف ایک خطرناک قدم ہے۔

    درج فہرست ذاتوں اور قبائل کو ریزرویشن نسل پرستی پر مبنی تعصبات کے خاتمے کے لیے  آئینی طور پر فراہم کیا گیا ہے۔ جب کہ پسماندہ طبقات کو ریزرویشن 1992میں منڈل کمیشن کی سفارشات کی بنیاد پر فراہم کیا گیا ہے۔آئین میں 93 ویں ترمیم کے ذریعے او بی سی کو 27 فیصد ریزرویشن کا انتظام کیا گیا تھا۔اندرا ساہنی بمقابلہ یونین آف انڈیا کیس میں عدالت نے واضح کیا تھا کہ کسی بھی کمیونیٹی کو ریزرویشن مذہب کی بنیاد پر نہیں بلکہ ذات کی پسماندگی کی بنیاد پر فراہم کیا جائے گا۔ تاہم آرٹیکل 15(4) اور 16(4) کے تحت یہ بات بھی کہی گئی کہ ریزرویشن سماجی اور تعلیمی اعتبار سے پسماندگی کا شکار مذہبی اقلیتوں کو بھی فراہم کیا جائے گا۔ ان دونوں آرٹیکلس نے او بی سی میں مسلمانوں کے لیے ذیلی کوٹا دینے کی راہ ہموار کی۔ چنانچہ مذہبی اقلیتوں کو ریزرویشن فراہم کرنے کی شروعات 1956  میں کیرالہ سے ہوئی، جب 10 فیصد ذیلی کوٹہ فراہم کیا گیا (اب ملازمت میں 12 فیصد اور تعلیم میں 8 فیصد)- تیسرے پسماندہ طبقات کمیشن (چنپا ریڈی کمیٹی، 1990) کی سفارشات میں پایا کیا گیا تھا کہ بعض مسلم طبقات  پسماندہ طبقات کے زمرے کے تقاضوں کو پورا کرتے ہیں ۔ چنانچہ اس کے بعد ہی جنتا دل کرناٹک حکومت جس کی سربراہی ایچ ڈی دیوے گوڑا کررہے تھے نے 36 مسلم ذاتوں کو 4 فیصد ریزرویشن فراہم کردیا۔کرناٹک کی سابق بی جے پی حکومت نے 2023 میں اس کوٹہ کو ختم کر دیا اور اسے غالب ہندو ذاتوں، جیسے ووکلیگا اور لنگایت میں تقسیم کر دیا۔ بی جے پی راگ الاپتی رہی کہ چوں کہ یہ ریزرویشن مسلم برادری کو مذہب کی بنیاد پر دیا گیا ہے اس لئے اس کو ختم کرنا آئینی تقاضا ہے۔

    غیر منقسم آندھرا پردیش میں راج شیکھر ریڈی کی قیادت والی حکومت کے ذریعہ مسلم برادریوں کو اوبی سی کوٹہ میں ذیلی کوٹہ فراہم کرنے کو بھی سخت عدالتی آزمائش سے گزرنا پڑا۔ جب کہ ریڈی حکومت نے اقلیتی بہبود کے کمشنر کی مسلمانوں کی سماجی، معاشی اورتعلیمی پسماندگی پر ایک رپورٹ کی بنیاد پر پوری برادری کو پسماندہ تصور کرتے ہوئے پانچ فیصد کوٹہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ مگر آندھرپردیش ہائی کورٹ نے اس فیصلے کی سخت جانچ کی اور اس کو ختم کردیا۔ آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے تکنیکی بنیاد پر کہ ریاستی پسماندہ طبقات کمیشن سے مشاورت نہیں کی گئی تھی، جیسا کہ اندرا ساہنی مقدمہ میں لازمی قرار دیا گیا تھا۔تکنیکی خرابی کو درست کرکے ریاستی حکومت نے 2005 میں آرڈیننس دوبارہ جاری کردیا ۔ اس کو ایک بار پھر آندھرا پردیش ہائی کورٹ کی یک رکنی بنچ نے بی ارچنا ریڈی بمقابلہ ریاست آندھرا پردیش میں مسترد کر دیا اور یہ دلیل دی کہ سماجی پسماندگی کی صحیح شناخت کئے بغیر پوری برادری کو فائدہ نہیں پہنچایا جا سکتا۔ریاست نے اس معاملے کو دوبارہ پسماندہ طبقات کمیشن کے پاس بھیج دیا اور اس کی رپورٹ کی بنیاد پر 2007 میں ایک اور قانون نافذ کیا جس میں صرف 14 مسلم ذاتوں جیسے دھوبی، قصاب، بڑھئی، باغبان، حجام وغیرہ کو ریزرویشن فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ آندھرا پردیش ہائی کورٹ کے فیصلے پر سپریم کورٹ نے روک لگارکھی ہے- اس پورے معاملے پر آئینی بنچ کو غور کرنا ہےکہ پسماندگی کے شکار مذہبی اقلیتوں کو ریزرویشن فراہم کیا جاسکتا ہے یا نہیں ؟۔گزشتہ 14برسوں سے یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔

    کلکتہ ہائی کورٹ نے مغربی بنگال حکومت کی طرف سے مارچ 2010 سے مئی 2012 کے درمیان جاری کردہ احکامات کی ایک سیریز کو مسترد کر دیا جس کے ذریعے 77 طبقات، جن میں سے 75 مسلم ہیں، کو دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) زمرے کے تحت ریزرویشن دیا گیا تھا۔جسٹس تپبرتا چکرورتی اور جسٹس راج شیکھر منتھا کی ایک ڈویژن بنچ نےکہا کہ ان 75مسلم ذاتوں کو ریزرویشن کی فراہمی کی واحد بنیاد صرف مذہب ہے جو کہ آئین اور عدالتی احکامات کے ذریعے ممنوع ہے۔ مغربی بنگال کے پسماندہ طبقات (درجہ فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کے علاوہ) ریزرویشن آف اسامیوں اور پوسٹس ایکٹ 2012 (2012 ایکٹ) کے بعض دفعات کو بھی بغیر کسی چیلنج کے اور بغیر  عرضی گزارکے اعتراض کے ختم کردیا گیا۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے درخواست گزاروں کے اس دعویٰ کو من و عن تسلیم کرلیا کہ او بی سی کی فہرست میں شامل 77 پسماندہ ذاتیں مسلمان سے زیادہ کچھ نہیں ہیں۔ جب کہ ان 73مسلم ذاتوں میں زیادہ ترسماجی لحاظ سےانتہائی پسماندہ ذاتیں ہیں جن کا تعلق اجلاف (شودر) اور ارزل (دلت) زمروں سے ہے۔ ان میں کئی ایسی برادریاں ہیں جو مرکزی حکومت کے ذریعہ جاری اوبی سی فہرست میں شامل ہیں۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے ریزرویشن کو ختم کرنے کے لیے   چار اہم بنیادی وجوہات بیان کی ہیں۔  پہلی وجہ یہ بتائی گئی کہ  ان ذاتوں کو ایگزیکٹو آرڈرز کے ذریعہ شامل  کیا گیا۔ دوسری وجہ مغربی بنگال پسماندہ کمیشن سے ذیلی زمرہ بندی پر مشاورت نہیں کی گئی۔ تیسرا،او بی سی کمیشن کی سفارشات پوری آبادی کے گہرائی سے تجرباتی سروے پر مبنی نہیں تھیں۔ چوتھا، ان ذاتوں کی ریاستی خدمات میں”نمائندگی کی ناکافی” کا مکمل جائزہ نہیں لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں کلکتہ ہائی کورٹ نے سچر کمیٹی کے نتائج کو اس بنیاد پر مسترد کردیا کہ اس کے 2006 کے اعداد و شمار کو 2010 میں تسلیم نہیں کیا جاسکتا۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے مسلمانوں میں سماجی عدم مساوات پر سوال کھڑا کرتے ہوئے کہا کہ یہ قدم دراصل مسلمانوں کی توہین ہے۔

    سچر کمیٹی کی رپورٹ جس نے مغربی بنگال کے مسلمانوں کی پسماندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا تھا کہ مجموعی طور پر بنگال کے مسلمانوں کے حالات دلتوں سے بھی بدتر ہیں۔حکومتی اداروں میں ان کی نمائندگی کم ہے اور تعلیمی اداروں میں بھی مسلم طلبہ کی تعداد انتہائی کم ہے۔ یہ بات سچ ہے کہ سچر کمیٹی رپورٹ کی وہ آئینی حیثیت نہیں ہے جو کے کسی کمیشن کی ہوتی ہے،  تاہم چوں کہ یہ وزیر اعظم کے ذریعہ قائم کردہ اعلیٰ سطحی کمیٹی تھی اور اسی  کی رپورٹ کی بنیاد پر جسٹس رنگناتھ مشرا کمیشن نے مسلمانوں کو ریزروریشن فراہم کرنے کی سفارش کی تھی۔اس لئے سچر کمیٹی کی رپورٹ کو آسانی سے خارج نہیں کیا جاسکتا ہے۔ دوسری اہم بات یہ ہے کہ کوئی بھی اعداد وشمار سالانہ بنیاد پر فراہم نہیں کئے  جاتے ہیں۔ مردم شماری ہر 10 سال بعد ہو تی ہے۔ 1991 میں، منڈل کمیشن کی رپورٹ نے 1931 کی مردم شماری کے اعداد و شمارکا حوالہ دیتے ہوئے او بی سی کو 27 فیصد ریزرویشن دینے کی سفارش کی تھی۔ ایسے میں کلکتہ ہائی کورٹ چار سال سے کم پرانی سچر کمیٹی کی رپورٹ کو کیسے نظر انداز کر سکتا ہے؟۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے کہا کہ بنگال میں مسلم اوبی سی کا ریزرویشن کے لیے  جامع سروے نہیں کیا گیا ہے مگر اس نے اس حقیقت کو فراموش کردیا کہ منڈل کمیشن نے 406 اضلاع میں سے 405  اور ان میں بھی صرف دو گاؤں اور ایک بلاک کا سروے کیا تھا۔ مسلمانوں کو ریزرویشن کو یہ کہہ کر خارج کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ سچر کمیٹی نے صرف مسلمانوں کے لیے (پیرا 106) میں مساوی مواقع کمیشن کی سفارش کی تھی۔اس کے علاوہ عدالت نے کہا کہ مغربی بنگال کمیشن برائے پسماندہ طبقات کو سروے کرنے کا اختیار نہیں ہے۔

    کلکتہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف بنگال حکومت نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کررکھی ہے۔ معاملے کی اہمیت و نوعیت کے باوجود سپریم کورٹ نے کلکتہ ہائی کورٹ کے فیصلے پر عارضی روک نہیں لگائی ہے اور اب تک واضح نہیں ہے کہ اس معاملے کی سماعت کب تک مکمل ہوگی ۔مگر بنیادی سوال یہی ہے کہ سپریم کورٹ کلکتہ ہائی کورٹ کے فیصلے پر فوری روک کیوں نہیں لگارہا ہے۔ دوسرے یہ کہ جب بھی مسلمانوں کو سماجی انصاف اور مواقع فراہم کرنے کا موقعہ آتا ہے تو اس کو یہ کہہ کر کیوں خارج کردیا جاتا ہے کہ یہ فیصلہ مذہب کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔بجب آئین میں سماجی انصاف کی فراہمی کے لیے  مذہبی اقلیتوں کو ریزرویشن کی گنجائش ہے تو پھر مسلمانوں کے نام پر ہی کیوں سیاست کی جاتی ہے۔ ظاہر ہے کہ ووٹ بینک کی سیاست میں مسلمان سب سے آسان چارہ ہیں اس لئے مسلمانوں کے نام پر پولرائزیشن کی سیاست کی جاتی ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ سماجی انصاف اور یکساں مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ سپریم کورٹ میں بنگال حکومت کی وکیل واضح لفظوں میں کہہ چکی ہے کہ مسلمانوں کے 77مسلم برادریوں کوریزیرویشن دینے کا فیصلہ سماجی و ڈیٹا کی بنیاد کیاگیا ہے اور اس کے پاس اعداد و شمار موجود ہیں۔سپریم کورٹ کےفیصلے میں تاخیر کے باعث بڑی تعداد میں ریزرویشن کے ذریعہ اعلیٰ تعلیمی ادارں میں داخلہ لینے والے افراد  محروم رہ جائیں گے۔اسی طرح ملازمتوں کے حصول کا بھی معاملہ  ہے۔ پسماندگی کا شکار مسلمانوں کے لیے  یہ دوہری مار  ہے۔

  • کیامہاراشٹر میں کنول کھلنے کی وجہ صرف ’’ہندوتوا‘‘ ہی ہے ؟

    کیامہاراشٹر میں کنول کھلنے کی وجہ صرف ’’ہندوتوا‘‘ ہی ہے ؟

    مہاراشٹر میں حالیہ اسمبلی انتخاب میں بی جے پی اور اس کی حلیف پارٹیوں کو بھاری کامیابی ملی ہے اور پانچ دسمبر کو آزاد میدان میں وزیر اعلیٰ اور دو نائب وزیر اعلیٰ کے حلف لینے کی رسم بھی پوری ہو چکی ہے ۔ لوک سبھا الیکشن سے قبل صحافیوں اور تجزیہ نگاروں کی متفقہ رائے تھی کہ بی جے پی کو نقصان ہوگا اور ریزلٹ بھی ان رایوں کے مطابق ہی آئے ۔ لیکن اسمبلی الیکشن کے اعلان سے قبل تک تو کچھ کی رائے تھی کہ بی جے پی یہاں بھی نقصان اٹھائے گی لیکن جیسے جیسے الیکشن مہم آگے بڑھتی رہی تجزیہ نگاروں اور صحافیوں کے بی جے پی کے نقصان اٹھانے والے بیانیے میں کمزوری آتی گئی یعنی الیکشن سے قبل اس زور و شور میں کمی آئی کہ انڈیا اتحاد کو برتری ملنے والی ہے۔ انتخابی نتائج نے اس پر مہر ثبت کردی ہے۔

    اب الیکشن کے نتائج پرسنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔سوال یہ ہے کہ ایسا کیوں ہوا؟ اکثر دیکھا گیا ہے کہ ایک جیت یا ہار کے بعد جوش و خروش یا مایوسی سی چھا جاتی ہے۔ حالانکہ سیاسی طور سے اس کی کوئی ضرورت نہیں ہے کہ جیت کی صورت میں پورے جوش و خروش کے ساتھ جشن منائیں یا شکست کی صورت میں مایوسی میں غرق ہوجائیں ۔ بی جے پی اس وقت بھی مایوس نہیں ہوئی تھی جب اس کے صرف دو ارکان پارلیمنٹ ہوا کرتے تھے اور اندرا گاندھی کے قتل کے بعد کانگریس کو چارسو سے زیادہ سیٹیں ملی تھیں ۔ اس نے اپنے کام اور مشن کو ہمیشہ جاری رکھا ، وہ ایک الیکشن کے بعد سکون سے نہیں بیٹھ جاتے تھے بلکہ  اگلے الیکشن کی تیاری میں جُٹ جاتے ہیں ۔ لوک سبھا میں نقصان کے بعد بھی بی جے پی اور اس کے حلیفوں نے ایسا ہی کیا۔ انہوں نے تجزیہ کیا کہ اسمبلی میں شاندار فتح کے لئے کیا کیا جاسکتا ہے ؟ ہندوتوا والا فارمولہ تو ان کا بہت پرانا نسخہ ہے ساتھ میں وہ اس میں ترقی کا تڑکا لگا دیتے ہیں جس میں تھوڑا کام اور پرچار زیادہ کرتے ہیں۔ لاڈلی بہن منصوبہ وغیرہ اسی کا ثبوت ہے۔لیکن صرف منصوبہ نہیں اس کی ہیئت اور جثہ کو قوی ہیکل بنا کر پیش کرنا ان کا کمال ہے ۔ ہندوتوا میں بھی ان کی اسی سوچ کا دخل ہے کہ جو نظریہ ملک کی اسی فیصد سے زائد آبادی کے لئے نقصان دہ اور ان کے وجود پر سوالیہ نشان لگانے والا ہو اسے ایسا بنا کر پیش کیا جو اس کی چکی میں پِسنے والا طبقہ ہے وہ بھی اسی نظریہ سے جڑتا جارہا ہے ۔

    انتخابی نتائج کے بعد مسلمانوں کے درمیان الزام اور جوابی الزام کا دور چل پڑا ہے۔ ایک طبقہ نے ہمیشہ کی طرح اویسی اور ان کی پارٹی کو اس کے لئے ذمہ دار ٹھہرایا جیسا کہ ہمیشہ ہوتا رہاہے ۔ مسلمانوں میں موجود ایک قلیل گروہ جو آزادی کے بعد سے کانگریس کو ہی مسلمانوں کا مسیحا یا نجات دہندہ سمجھ کر اس کی حمایت کرتا آیا ہے وہ اول روز سے ہی اویسی یا مجلس اتحا دالمسلمین سے خطرہ محسوس کرتا ہے۔ اس کا کہنا یہ ہے کہ اس سے ہندو ووٹ متحد ہوتا ہے جس کا فائدہ راست طور سے بی جے پی کو ملتا ہے۔پتہ نہیں ان لوگوں کی یہ سمجھ کیسے بنی؟ ایسا لگتا ہے کہ ان کی کوئی ذاتی سوچ ہی نہیں ہے بس جو کسی نے کہہ دیا اسی پر چل پڑتے ہیں۔ کسی غور و فکر اور تدبر کی ضرورت نہیں ہے ۔ کئی ایسی سیٹوں کا تجزیہ ہمارے سامنے ہے جہاں سے مجلس کا امیدوار بھی تھا لیکن ایسا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا جہاں مجلس کی وجہ سے نام نہاد سیکولر امیدوار کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہو ۔اس بار الیکشن میں تو کئی جگہوں پر انڈیا اتحاد نے مجلس کو ہی نقصان پہنچایا ۔ ہاں ایک درجن سے زائد سیٹوں پر ونچت بہوجن اگھاڑی نے انڈیا اتحاد کو نقصان پہنچایا۔ دوسری بحث مولانا سجاد نعمانی کی جانب سے امیدواروں کی حمایت کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ ہندو ووٹ متحد ہوا ۔ مولانا کی ایک تقریر کے مختصر سے حصہ کو استعمال کرکے فڑنویس نے اپنے الیکشن مہم میں ووٹوں کو متحد کرنے کا کام کیا ۔ فڑنویس نے اسے قبول بھی کیا کہ ہندو ووٹوں کے ارتکاز نے انہیں فتح سے ہمکنار کیا ۔

    مہاراشٹر الیکشن میں انڈیا اتحاد کی ہار کیلئے اویسی یا سجاد نعمانی میں سے کسی کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جاسکتا بلکہ انڈیا اتحاد خو د ہی اس کا ذمہ دار ہے۔ اول تو کئی جگہ باغی امیدواروں نے بھی انہیں نقصان پہنچایا، دوسرے، آخرآخر وقت تک کئی جگہ ان کے امیدوار کا اعلان ہی نہیں ہوا تھا یا یہ کہ اتحادیوں میں سے یہ سیٹ کس کے حصہ میں آئے گی اس کا فیصلہ نہیں ہوپایا تھا ۔ کئی جگہوں پر ایسا بھی ہوا کہ انڈیا اتحاد ہی آمنے سامنے رہا ۔ ان سب وجوہات سے عوام میں تذبذب پیدا ہوا اور زوردار تشہیر سے بی جے پی نے جو امیج بنائی تھی اس کی وجہ سے انہیں فائدہ ہوا اور انڈیا اتحاد کو نقصان ہوا ۔

    انڈیا اتحاد کو اس کی متکبرانہ سوچ نے بھی نقصان پہنچایا ۔ مثال کے طور پر انہوں وی بی اے یعنی ونچت بہوجن اگھاڑی اور مجلس اتحا دالمسلمین جیسی تنظیموں سے دوری بنائی جب کہ  ان کو اتحاد میں شامل کرنے سے فائدہ ہوتا اور اگر اقتدار تک نہیں پہنچ پاتے تو کم از کم ذلت آمیز شکست کا تو سامنا نہیں ہوتا ۔ جس کا فائدہ اٹھا کر بی جے پی کے لیڈروں نے اپوزیشن لیڈر کا عہدہ دینے سے ہی منع کردیا ہے ۔ جیسا کہ پارلیمنٹ 2014 سے 2019 تک اپوزیشن لیڈر سے محروم رہی ۔ سو بات کی ایک بات یہ ہے کہ بی جے پی اور اس کی حلیف پارٹیوں کی فتح کی وجہ صرف ہندوتوا ایجنڈا نہیں ہے ۔ انہوں نے درپردہ اسے گرم رکھنے کی کوشش تو ضرور کی مگر زمینی سطح پر ترقیاتی منصوبوں کو عوام کے سامنے کامیابی سے پیش کیا جس میں اول لاڈلی بہن منصوبہ ہے۔ اپوزیشن کی سب سے بڑی خامی یہ رہی کہ وہ کئی پروجیکٹ کے مہاراشٹر سے گجرات منتقل ہونے کے معاملے کوزور وشور سے نہیں اٹھا سکے اور نا ہی اس سے ہونے والی بیروزگاری اور معاشی نقصان کو پیش کرسکے ۔

    بہرحال یہ مسلمانوں کی ہار جیت کا معاملہ نہیں ہے کہ وہ آپس میں ہی دست گریباں ہوجائیں ۔ سیاسی پارٹیوں کی ہار جیت میں انہیں قطعی جذباتی ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ اس کے علاوہ، جن مسلم تنظیموں نے بی جے پی اتحاد کے خلاف مہم چلائی وہ درست نہیں ہے ۔ اس لئے کہ اس میں صرف مسلمانوں کو ہی نصیحت کی جاتی ہے کہ انہیں کیا کرنا ہے اور کیا نہیں کرنا ہے ۔ بلکہ  اکثریت کو یہ سمجھانے کی ضرورت ہے کہ مسلمانوں کے تئیں نفرت کی وجہ سے ملک کس رخ پر جارہا ہے اور دنیا میں اس کے وقار کو کس طرح دھچکا لگ رہا ہے۔ مسلمانوں کی سیاسی رہنمائی  کے بجائے انہیں ان کے حال پر چھوڑ دیا جائے کہ وہ کیا کریں۔ مسلمانوں کے پاس اتنی سیاسی سوجھ بوجھ ہے اور وہ خود سے  بہتر فیصلہ کرسکیں۔ 2014سے برابر یہ کوشش ہورہی ہے کہ بی جے پی کو ہرانا ہے مگر نتیجہ اس کے برخلاف آتاہے ۔ اس لئے کسی کو ہرانے اور کسی کو جتانے کا کھیل کھیلنے کی بجائے مسلم لیڈر شپ کی طرف توجہ دی جائے ۔ بھول جائیں کہ مولانا آزاد نے لکھنو کانفرنس میں کیا کہا تھا اور بی جے پی اور کانگریس میں سے آپ کو کس کے ساتھ جانا چاہئے ۔

  • اے ایم یو پر سپریم کورٹ کا فیصلہ

    اے ایم یو پر سپریم کورٹ کا فیصلہ

    سپریم کورٹ کی سات رکنی آئینی بنچ نے بالآخر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اقلیتی کردار کے معاملہ پر اپنا فیصلہ سنا دیا۔ اس معاملہ کی سماعت فروری میں مکمل ہوچکی تھی اور فیصلہ محفوظ کرلیا گیا تھا۔ چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندر چوڑ نے اپنی مدت کارکردگی کے آخر دن اس پر فیصلہ سنایا۔ فیصلے کا مختلف جہتوں سے تجزیہ ہورہا ہے۔ اس فیصلہ سے جہاں لوگوں میں یک گونہ خوشی ہے، وہیں یہ سوال بھی اٹھایا جارہا ہے کہ آخر سات ججوں والی بنچ کی کون سی مجبوری تھی کی اس نے پورا فیصلہ نہ دے کر معاملہ کو تین رکنی بنچ کے پاس بھیج دیا۔ یعنی اے ایم یو ایک اقلیتی ادارہ ہے یا نہیں یہ ابھی واضح نہیں ہے۔اس کے لیے ایک اور قانونی لڑائی باقی ہے۔اب اس کا فیصلہ سپریم کورٹ کی تین رکنی بنچ کرے گی۔

    معاملہ کیا ہے؟

    یہ معاملہ اس سوال سے شروع ہوتا ہے کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ایک اقلیتی ادارہ ہے یا نہیں۔ واضح رہے کہ آئین ہند کی دفعہ (1)30 میں اقلیتوں کو اپنے ادارے قائم کرنے اور چلانے کی اجازت دی گئی ہے اور آئین ہند کی دفعہ۔۔ میں واضح طور پر یہ درج ہے کہ حکومت اقلیتی ادارہ ہونے کی وجہ سے سرکاری فنڈ اور دیگر مراعات دینے میں کسی لیت ولعل یا تعصب سے کام نہیں لے گی۔ اقلیتی اداروں میں اقلیتوں کو 50 فیصد ریزرویشن ملتا ہے اور ان میں عام ایس سی ، ایس ٹی اور او بی سی ریزرویشن کا نفاذ نہیں ہوتا۔

    یہ حقیقت جگ ظاہر ہے کہ اے ایم یو کا قیام سرسید احمد خان کی کوششوں کا ثمرہ ہے۔ انہوں نے مسلمانان ہند کی جدید تعلیمی میدان میں سبقت کے لیے جدوجہد کی اور 1857میں اے ایم یو کا پیش رو محمڈن اینگلو اورینٹل کالج  وجود میں آیا۔ سرسید کی تحریروں، تقریروں اور خط و کتابت سے یہ بات واضح ہے کہ ان کے پیش نظر مسلم قوم کی جدید تعلیم کے حوالے سے پس ماندگی کو دور کرنا تھا۔ اس کا قطعی مطلب یہ نہیں تھا کہ غیرمسلم طلبہ کے لیےاس کالج/یونیورسٹی کے دروازے بند ہوں گے۔ سرسید کا خواب تھا کہ یہ کالج ترقی کرکے یونیورسٹی  بن جائے اور اس کا اظہار بھی تاریخی دستاویز سے ثابت ہے۔ 1920 میں برطانوی حکومت نے پارلیمنٹ کے ذریعہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ایکٹ  بناکراس کالج کو یونیورسٹی بنادیا۔ تب سے 1950 تک یعنی جب آئین ہند بن کر نافذ ہوا، علی گڑھ میں مذہبی تعلیم ضروری تھی اور اس کی انتظامی کمیٹیوں میں شامل ہونے کے لیے مسلمان ہونا شرط تھی۔ 1951 میں اس میں ترمیم کی گئی اور مذہبی تعلیم کو اختیاری  کردیا گیا اور انتظامی کمیٹیوں میں مسلمان ہونے کی شرط کو ختم کردیا گیا۔

    اے ایم یو کے اقلیتی کردار کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔ سپریم کورٹ کی پانچ ججوں کی بنچ نے1967  میں اس کیس (عزیز باشا بنام یونین آف انڈیا) میں فیصلہ دیا ہے کہ اے ایم یو کوئی اقلیتی ادارہ نہیں ہے کیوں کہ اس کا قیام کسی اقلیتی فرقہ کے فرد نے نہیں بلکہ 1920 میں پارلیمنٹ کے ایک قانون کے ذریعہ کیا گیا ہے۔ اس کے انتظامی امور میں مسلمانوں کے علاوہ اور لوگ بھی تھے۔ اس فیصلہ سے علیگ برادری سمیت مسلمانان ہند میں بڑی بے چینی پھیل گئی۔

    1981 میں اس وقت کی وزیر اعظم اندراگاندھی نے پارلیمنٹ کے ذریعہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ایکٹ کو ترمیم کرکے اس فیصلہ کو منسوخ کردیا۔ لیکن اس ترمیم شدہ قانون میں ایسے سقم موجود تھے جس کی وجہ سے قانونی مسائل پیش آتے رہے۔  اور یہی وجہ ہے کہ جب 2005 میں اے ایم نے کئی پروفیشنل کورسس میں 50فیصد مسلم ریزویشن کو نافذ کیا تو الہ آباد ہائی کورٹ نے   2006 میں عزیز باشا کیس کا حوالہ دیتے ہوئے اور مذکورہ ترمیم شدہ قانون میں کمیوں کو اجاگر کرتے ہوئے اس ریزرویشن کو غلط قرار دیا ۔ ہائی کورٹ کے فیصلہ  کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔ سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے فیصلہ پر حکم امتناع عائد کیا اور تب سے یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التوا تھا۔ 2014 میں بی جے پی کے برسر اقتدار آنے کے بعد کیس میں تھوڑی تیزی آئی۔ اس سے قبل مرکزی حکومت کا بھی کم وبیش سپریم کورٹ میں یہی موقف تھا کہ اے ایم یو ایک اقلیتی ادارہ ہے لیکن 2014 کے بعد مرکزی حکومت کے رخ میں تبدیلی دیکھنے کو ملی۔ 2019 میں سپریم کورٹ نے معاملے کو سات رکنی بنچ کے پاس بھیج دیا، کیوں کہ اس سے قبل 1967 میں سپریم کورٹ کی پانچ رکنی بنچ اس معاملہ کو سن چکی تھی لہذ ا اس پر کوئی فیصلہ ساتھ رکنی ججوں سے کم والی بنچ نہیں لے سکتی تھی۔ اس سال فروری میں سپریم کورٹ میں تمام پارٹیوں کے دلائل مکمل ہوگئے اور سپریم کورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جو 8 نومبر کوسنایاگیا۔

    فیصلہ کیا ہے؟

    چیف جسٹس ڈی وائی  چندر چوڑ کی سربراہی والی اس بنچ میں چار ججوں نے ایک فیصلہ لکھا ہے اور بقیہ تین ججوں نےاس سے جزوی یا کلی اختلاف کرتے ہوئے اپنے فیصلے الگ سے لکھے ہیں۔ اکثریتی فیصلہ میں عزیز باشا والے سپریم کورٹ کے 1967 کے فیصلےکو کالعدم قرار دیا گیا۔ یعنی یہ بات صحیح نہیں ہے کہ اے ایم یو ایک اقلیتی ادارہ نہیں ہے۔ فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ اب تین ججوں پر مشتمل ایک ریگولر بنچ یہ جائزہ لے گی کہ کیا اے ایم یو ایک اقلیتی ادارہ ہے؟  لیکن اس فیصلہ میں یہ واضح طور پر طے کردیا گیا ہے کہ تین رکنی بنچ کو کن نکات پر چانچ پڑتال اور بحث وتمحیص کے بعد فیصلہ کرنا ہوگا۔اور یہ نکات صرف اے ایم یو کے ہی لیے نہیں بلکہ دوسرے تمام اقلیتی اداروں پر نافذ ہوں گے۔ وہ نکات ہیں؛

    سب سے پہلےیہ دیکھا جانا چاہیے کہ کیا مذکورہ تعلیمی ادارہ کے قیام کا خیال اقلیتی فرقہ کے کسی فرد کو آیا۔ د وسرے یہ کہ وہ تعلیمی ادارہ بنیادی طور پر اقلیتی فرقہ کے فائدے کےلیے قائم کیا گیا ہو اور تیسرے اس خیال اور آئیڈیا پر اقلیتی فرقہ کے فرد یا افراد کارفرماہوں۔

    مذکورہ تعلیمی ادارے کےانتظامی ڈھانچہ سے بھی یہ واضح ہو کہ وہ ایک اقلیتی تعلیمی ادارہ ہے اور اقلیتی فرقہ کے مفادات کے تحفظ کے لیے قائم کیا گیاہے۔

    عزیز باشا کیس میں سپریم کورٹ کی پانچ رکنی بنچ  نے یہ کہا تھا کہ چوں کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا قیام 1920 میں پارلیمنٹ کے قانون کےتحت ہوا تھا اس لیے وہ اقلیتی ادارہ نہیں ہے۔ موجودہ فیصلہ نے اس رائے کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ پورے معاملے کو شروع سے دیکھا جانا چاہیے ۔

    سوال یہ ہے کہ اس آئینی بنچ نے صرف اصول بنانے پر اکتفا کیوں کیا۔ کیوں نہ ان اصولوں کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ بھی کردیا کہ آیا اے ایم یو ایک اقلیتی ادارہ ہے یا نہیں۔ اس سوال کے جواب میں بعض قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئینی بنچ عام طور پر کسی مسئلہ کے حوالے سے آئین کی تشریح کرتی ہے اور اصول مرتب کرتی ہے نہ کہ فیصلہ۔ گوکہ فیصلہ کرنا اس کے اختیار میں ہے۔ البتہ بعض حلقوں سے اس بابت تشویش کابھی اظہار کیا جارہا ہے کہ اتنی لمبی قانونی لڑائی کے بعد بھی کیوں یہ طے نہیں ہوپایا کہ اے ایم یو اقلیتی ادارہ ہے یا نہیں۔

    بہر حال اب دیر سویر یہ معاملہ تین ججوں کی بنچ کے سامنے پیش ہوگا۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی انتطامیہ  اور وہ تمام لوگ مبارک باد کے مستحق ہیں جنہوں نے اس کیس کی مضبوطی سے پیروی کی اور ناقابل تردید شواہد عدالت کے سامنے پیش کیے۔ گوکہ سپریم کورٹ کی طرف سے ابھی پوری راحت نہیں مل پائی ہے لیکن جو فیصلہ آیا ہے وہ یونیورسٹی اور پوری قوم کے مفاد میں ہی کہا جائے گا۔ لیکن ابھی لڑائی باقی ہے۔ بقیہ قانونی لڑائی کو اور بہتر طریقہ سے لڑنے کے لیے اس فیصلہ کا باریک بینی سے مطالعہ ہونا ضروری ہے ۔ بقیہ تین جج جنہوں نے اکثریتی فیصلہ سے اختلاف کیا ہے، ان کے فیصلہ کا بھی جائزہ لے کر پوری مضبوطی سے اللہ پر توکل کرتے ہوئے نئی بنچ کے سامنے اپنے موقف کو رکھنا چاہئے۔

    امرواقعہ یہ ہے کہ اے ایم یو صرف ایک تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ تہذیب کا گہوارہ بھی ہے جس کی ایک زریں اور تابناک تاریخ ہے۔ ڈیڑھ صدی  سے زائد عرصہ میں اس نے لاکھوں تشنگان علم کو سیراب کیا ہے۔ مسلمانان ہندو پاک کو یہاں سے متعدد اسکالرز، فلسفی، شاعر، دانشور اور لیڈر ملے ہیں، جنہوں نے زندگی کے مختلف میدانوں میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے ہیں۔ شمالی ہندوستان کا شاید ہی کوئی ایسا گاؤں یا قصبہ ہو، جہاں معتد بہ تعداد میں مسلمان آباد ہوں اور وہاں کوئی اے ایم یو کا فارغ التحصیل نہ ہو۔ سرسید نے مسلم قوم کو جدید تعلیم سے آراستہ کرکے اس کی پسماندگی دور کرنے کا خواب دیکھا تھا۔ اس کے لیے انہوں نے انتھک جدوجہد کی اور وہ اپنی اس جدوجہد میں کامیاب بھی رہے۔ لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اے ایم یو اور اس کے فارغین میں وہ رمق باقی نہیں رہی جو کبھی اس کا حصہ تھی۔ مسلمانان ہند کا اے ایم یو سے   ایک جذباتی رشتہ  ہے اور ان کوتوقع ہے کہ ان کے علمی، تعلیمی ، ثقافتی ، معاشی اور سیاسی مسائل کے تصفیہ میں  اے ایم یو اور اس کے فارغین  نہ صرف دلچسپی لیں بلکہ عملا کوشش بھی کریں اور ان کی یہ توقع بجا بھی  ہے۔ گوکہ ابھی بھی مختلف سطح پر کوششوں ہورہی ہیں جن کو یکسر نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ۔ لیکن مسائل کےانبوہ کے سامنے یہ کوششیں ناکافی ہیں۔  امید ہے کہ اس فیصلہ کے بعد آگے کی قانونی لڑائی کے ساتھ اے ایم یو اور علیگ برادری اپنے فرض منصبی کے حوالے سے نئے سرے سے  جائزہ لے گی اور تازہ دم ہوکر اپنے مشن کو آگے بڑھائے گی۔

  • مہاراشٹر الیکشن : باغی امیدوار سیاسی پارٹیوں کا کھیل بگاڑسکتے ہیں

    مہاراشٹر الیکشن : باغی امیدوار سیاسی پارٹیوں کا کھیل بگاڑسکتے ہیں

    مہاراشٹر اسمبلی الیکشن میں باغی امید وار سیاسی پارٹیوں کا کھیل بگاڑ سکتے ہیں تو نظر انداز کئے جانے کے سبب مسلمانوں میں مایوسی بھی اپنا اثر دکھا سکتی ہے ۔حالیہ الیکشن 2024 کا آخری الیکشن ہے جس میں جھارکھنڈ اور مہاراشٹر میں ریاستی اسمبلی کے انتخابات ہوں گے جھارکھنڈ اسمبلی کے الیکشن دو مرحلوں 13 ؍ اور 20؍ کو ہوں گے جب کہ  مہاراشٹر میں ایک ہی مرحلہ میں 20؍ نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور 23 ؍ نومبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا ۔ مہاراشٹر میں انتخاب کافی دلچسپ اور کثیر رخی ہوگا ۔ اس انتخابی دنگل میں ان مسائل کی جانب زیادہ توجہ دی جارہی ہے جو مسائل ہیں ہی نہیں اور جو اہم عوامی مسائل ہیں اس پر  فی الحال گفتگو نہیں ہورہی ہے ۔ ہوسکتا ہے کہ اس جانب نامزدگی کے ہنگاموں کے سبب توجہ نہیں ہو رہی ہو ۔ کیوں کہ  این ڈی اے ہو یا انڈیا اتحاد دونوں طرف باغیوں نے سیاستداں اور سیاسی پارٹیوں کے چھکے چھڑا رکھے ہیں اور دونوں جانب سے یہ کہا جارہا ہے کہ 4؍ نومبر تک جو کہ نام واپس لینے کی آخری تاریخ ہے، معاملہ سلجھا لیا جائے گا یعنی باغیوں کو منا لیا جائے گا ۔ بہر حال اگر باغیوں کا معاملہ حل نہیں کیا جاسکا تو دونوں سیاسی اتحادیوں کو بڑا نقصان ہوگا اور وہ اپنی ہار یا ہونے والے نقصان کا ٹھیکرا باغیوں کے ہی سر پھوڑیں گے ۔ اس طرح وہ اپنی شکست کی اہم وجہ بتانے کی شرمندگی سے ضرور محفوظ رہیں گے ۔ ہر انتخابی دنگل کے بعد نقصان اٹھانے والی سیاسی جماعت کہتی ہے کہ وہ حالات کا تجزیہ کرے گی کہ اسے یہ دن کیوں دیکھنا پڑا لیکن شاید وہ وجہ کبھی اس کی جانب سے قبول نہیں کی جاتی جو اصل ہوتی ہے ۔

    واضح رہے کہ بی جے پی اور اس کی حلیف پارٹیوں کو لوک سبھا انتخاب میں ہونے والے نقصان نے پریشان کردیا تھا اور بی جے پی جہاں اپنے ڈی این اے میں موجود فرقہ واریت کے سبب مسلمانوں کے خلاف منافرت کی آبیاری میں زیر زمین مصروف ہوگئی تاکہ زیادہ سے زیادہ ہندو ووٹوںکا ارتکاز ہو اور اس کی ریاستی اسمبلی کی راہ آسان ہوجائے وہیں اس حکومت نے ریوڑیوں کی تقسیم میں بھی بڑی فراخدلی کا مظاہرہ کیا اور لاڈلی بہن منصوبہ کے تحت خواتین کو پندرہ سو روپئے ماہانہ دینے کی شروعات کی ۔ اس میں شندے حکومت نے ایسی تیزی دکھائی کہ اسے کابینہ سے پاس کرواکر فوری طور سے نافذ بھی کردیا ۔شندے حکومت کے اس منصوبہ سے اپوزیشن انڈیا اتحاد شش و پنج میں ہے ۔ کئی صحافیوں جو زمینی حقیقت سے واقف ہیں کا کہنا ہے کہ لاڈلی بہن منصوبہ کچھ نہ کچھ اثر دکھائے گا ۔ ان  کا ماننا ہے کہ کم از کم ایک فیصد ووٹ تو ضرور این ڈی اے یعنی شندے حکومت اور ان کے اتحادیوں کے خیمے میں جائے گا ۔ایک فیصد ووٹ بھی کافی اہمیت رکھتا ہے ،حالانکہ بادی النظر میں ایسا نہیں ہے کہ محض اس ایک منصوبہ سے ووٹروں کا سوچنے کا نظریہ تبدیل ہوجائے ۔

    الیکشن کے ہنگاموں میں یہ بتاپانا تو دشوار ہے کہ کس اتحاد کی جانب عوام کا جھکاو زیادہ ہوگا ۔ یہاں اصلی اور نقلی شیو سینا اور این سی پی کا معاملہ اب بھی زیر بحث ہے گرچہ اس کی تمازت میں کمی آئی ہے ۔بی جے پی جہاں زیر زمین نفرت کی آبیاری جیسے اپنے پرانے ہتھکنڈے پر مسلسل کام کررہی ہے تو وہیں اس کی حلیف شیوسینا شندے اور این سی پی اجیت دادا پوار عوام میں بانٹی گئی ریوڑیوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں ۔دوسری جانب جرانگے پاٹل جن کی جڑیں مراٹھوں میں ریزرویشن کی تحریک کی وجہ سے کافی مضبوط ہوئی ہیں اور ان کی جانب سے بی جے پی اور اس کا خاص چہرہ دیویندر فرنویس کو کھل کر اور واشگاف انداز میں غدار کہنے کی وجہ سے مراٹھوں کو اس سے مزید دور کرنے کا سبب بنے گا ۔ واضح ہو کہ لوک سبھا کے الیکشن کے بعد جرانگے پاٹل نے کئی بار کہا کہ دیویندر فرنویس نے مراٹھوں سے غداری کی ہے اور انہوں نے سازش کرکے مراٹھوں کے ریزرویشن میں رخنہ اندازی کی ہے ۔ ایک اور بات جو قابل ذکر ہے کہ اپوزیشن انڈیا اتحاد کے تعلق سے صحافیوں اور سیاسی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ شرد پوار انڈیا اتحاد میں ایک ایسی شخصیت ہیں جو تنازعات کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور یہ کئی جگہوں پر نظر بھی آیا ۔جیسے سیٹوں کی تقسیم کا معاملہ ہے جسے انہوں نے خوش اسلوبی سے حل کرلیا ۔ یہ شرد پوار کا ہی کمال بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے شیو سینا بی جے پی کی دہائیوں پرانے اتحاد کو توڑ لیا اور اب شیو سینا انڈیا اتحاد کا حصہ ہے ۔

    ان ساری بحثوں سے الگ اگر مہاراشٹر میں کوئی بہت ہی اہم مسئلہ اٹھے گا تو وہ ہے مہاراشٹر سے صنعتوں کی گجرات منتقلی کا۔ کیوں کہ  ایک تقریب میں شرد پوار نے 2014 سے قبل کے ایک واقعہ کا انکشاف کرکے یہ واضح کردیاہےکہ اپوزیشن اسے زور شور سے اٹھائے گا اور یہ عوام کو بی جے پی اور اس کے اتحادیوں سے برگشتہ کرسکتا ہے ۔ شرد پوار نے کہا کہ رتن ٹاٹا طیارہ سازی کا کارخانہ مہاراشٹر کے ناگپور میں لگانا چاہتے تھے ، اس کیلئے زمین کی فراہمی کو بھی نشان زد کرلیا گیا تھا لیکن 2014 میں نریندر مودی کی حکومت بنتے ہی اسے گجرات منتقل کردیا گیا ۔ اس کے علاوہ بھی کئی انڈسٹریز کو گجرات منتقل کیا گیا جس میں ویدانتا فاکسکون پروجیکٹ کافی اہمیت کا حامل ہے ۔ پتہ نہیں لوک سبھا الیکشن میں یہ مسئلہ اپوزیشن سے کیسے چوک گیا۔ہوسکتا ہے کہ لوک سبھا میں اصلی نقلی کا معاملہ زیادہ موضوع بحث تھا۔ عوام نے باغی شیو سینا اور این سی پی کو سبق بھی سکھا دیا اس لئے  اب اپوزیشن نے شعور سے کام لیا تو انڈسٹریز کی منتقلی کا معاملہ کو سیاسی ایشو بننا چاہئے ۔فرقہ وارانہ تخریب کاری کا جواب معیشت کے ذریعہ ہی دیا جاسکتا ہے ۔

    ہر الیکشن میں مسلمان مرکز گفتگو ہوتے ہیں خاص طور سے پارلیمنٹ اور اسمبلی میں مسلم نمائندگی کا مسئلہ زیر بحث آتا ہے لیکن آبادی کے تناسب سے نمائندگی نہیں مل پاتی ۔ لوک سبھا الیکشن کے موقع سے انڈیا اتحاد نے کافی مایوس کیا اس کے باوجود مسلمانوں نے یک طرفہ طور پر انڈیا اتحاد کے حق میں ووٹ کیا اور ان کے ووٹ دینے کے تناسب میں بھی اضافہ ہوا ۔کیوں کہ  ان کے سامنے فسطائی طاقتوں کو شکست دینے کا مسئلہ تھا ۔ کئی دہائیوں سے مسلمانوں نے ملک میں جمہوریت اور سیکولرزم کو بچانے کی ذمہ داری کا بار  اپنے سر لے رکھا ہے ۔’ مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی‘ والا معاملہ ہے کہ انہوں نے جس قدر کوشش کی نتیجہ عام طور پر اس کے الٹ نکلا ۔صرف 2024 کے لوک سبھا الیکشن کا معاملہ  ہی ایسا ہے جہاںمسلمانوں کی کوششوں سے بی جے پی کو تقریبا 60 سیٹوں کا نقصان ہوا ۔ ہم یہاں اس بحث میں نہیں جائیں گے کہ کس پارٹی نے مسلمانوں کو کتنی نمائندگی دی ۔ کہنا صرف اتنا ہی ہے کہ صرف مسلمان ہی سیکولرزم اور جمہوریت کی حفاظت کیلئے قربانی کیوں دے آخر دوسری کمیونٹی اس سلسلے میں آگے کیوں نہیں آتی ؟ کیا فسطائی قوتوں سے صرف مسلمانوں کا نقصان ہے ؟ ملک اور ریاست مہاراشٹر میں اس قوت کے پنپنے سے ہندوؤں کی پسماندہ برادریوں کا زیادہ نقصان ہے ۔انہیں ملنے والے ریزرویشن کو نقصان ہوگا اور ہورہا ہے اس لئے ان کے لیڈر اپنی کمیونٹی کوبتائیں ۔ آخری بات یہ کہ انڈین ایکسپریس نے ایک مسلم سوشل ایکٹیوسٹ کے حوالہ سے یہ رپورٹ کیا ہے کہ نمائندگی کی کمی کے سبب مسلمان ناراض تو ہیں لیکن بہت زیادہ نہیں ۔ یہ ایک غلط فہمی ہے ۔واقعہ یہ ہے کہ نمائندگی کی کمی کے سبب مسلمانوں میں الیکشن کے تعلق سے وہ جوش خروش نہیں ہے جو لوک سبھا کے الیکشن میں نظر آرہا تھا ۔اس کی وجہ سے ریاستی اسمبلی کے اس الیکشن میں  انڈیا اتحاد کو نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہےاور بی جے پی فائدہ ہوسکتا ہے ۔ کیوں کہ  ایم آئی ایم اور ونچت بہوجن اگھاڑی مسلمانوں کو بھرپور  نمائندگی دے رہی ہے ۔

     

  • جھارکھنڈ الیکشن

    جھارکھنڈ الیکشن

    میڈیا کی توجہ گرچہ مہاراشٹرکی سیاسی سرگرمیوں پر مرکوز ہے۔تاہم جھاڑ کھنڈ میں انتخاب جیتنے کے لئے  بی جے پی جو کھیل کھیل رہی ہے اس کے اثرات صرف انتخابات تک ہی محدود نہیں رہیں گے  بلکہ قبائلیوں میں مسلمانوں کے تئیں جو نفرت کے  بیج بوئے جارہے ہیں اس کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں ۔بی جے پی بنگلہ دیش میں ہندوؤں پر ہورہے مبینہ حملوں کی ناراضگی کا پورا  فائدہ جھارکھنڈ انتخابات میں حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما تمام اخلاقی اور  آئینی حدود کا  لحاظ کئے بغیر نفرت انگیز بیانات دے رہے ہیں۔ کانگریس اور جھاڑ کھنڈ مکتی مورچہ کے مسلم لیڈران کے خلاف انتہائی نفرت انگیز بیانات دے جارہے ہیں ۔مسلم علاقوں کو نشانہ بنایا جارہاہے۔ بی جے پی جھارکھنڈ میں  گزشتہ کئی مہینوں سے نہیں بلکہ کئی سالوں سے مسلمانوں کے خلاف نفرت کی آبیاری کررہی ہے۔

    صحافی کونال پروہت نے اپنی کتاب The Secretive World of Hindutva :Pop Stars میں  جھار کھنڈ میں موسیقی کے ذریعہ نفرت انگیز ماحول سازی پر تفصیل سے بات کی ہے۔گرچہ یہ کتاب بھارت میں موسیقی کے ہندوائزیشن پر روشنی ڈالتی ہے تاہم کنال پروہت سفر کا آغاز جھار کھنڈ سے کرتے ہیں اور پھر چونک جاتے ہیں کہ جھارکھنڈ کے دیہی علاقوں میں مسلم مخالف موسیقی کے ذریعہ اکثریتی طبقے کے نوجوانوں میں نہ صرف مسلمانوں کے تئیں نفرت پیدا کی جارہی ہے بلکہ ان کے ذہن و دماغ کو اس قدرمسموم کیا جارہا ہے کہ یہ نوجوان بھارت کے لئے خطرناک بھی بن سکتے ہیں۔

    پانچ ماہ  قبل ہوئے لوک سبھا انتخابات میں قبائلیوں کے لئے محفوظ تمام پانچ سیٹوں پربی جے پی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔جھاڑ کھنڈ میں قبائلیوں کی مجموعی آباد 26 فیصد ہے جس میں 12.52 فیصد قبائلی سارن ازم پر یقین رکھتے ہیں اور 4.31فیصد قبائلی عیسائیت کو ماننے والے ہیں ۔باقی قبائلیوں سے متعلق دعویٰ کیا جارہا ہے کہ وہ ہندوازم پر یقین رکھتے ہیں ۔جھاڑ کھنڈ میں مسلمانوں کی آبادی 14.55 فیصد ہے۔ بی جے پی کو خوف ہے کہ سماجی سطح پر قبائلیوں اور مسلمانوں کا ووٹ اگر متحد ہوگیا تو اس کا اقتدار تک  پہنچنا ناممکن ہوجائے گا ۔اس لئے قبائلیوں کو مسلمانوں کا خوف دلایا جارہا ہے۔ یہاں تک کہ بی جے پی نے جو انتخابی منشور جاری کیا ہے کہ اس میں وعدہ کیا گیا ہے کہ وہ جھارکھنڈ میں یونیفارم سول کوڈ نافذ کرے گی مگر اس سے قبائلی مستثنی ٰ ہوں گے۔ ’’ایک ملک اور ایک قانون ‘‘ کا نعرہ لگانے والوں کی بدنیتی کی اس سے بڑھ کر اور کیا مثال ہوسکتی ہے۔

    بنگلہ دیش کی سرحد آسام،تری پورہ ، مغربی بنگال اور میگھالیہ سے ملتی ہے۔ان ریاستوں میں دراندازی کا ایشو بنایا جاتا رہا ہے۔ مگر بہار اور جھاڑ کھنڈ کی سرحدیں نہیں ملتیں، اس کے باوجود بی جے پی اور ہندوتو تنظیمیں ان دونوں ریاستوں میں دراندازی کو ایشو بنانے کی کوشش کررہی ہے۔ حیرت انگیزبات یہ ہے کہ حال ہی میں قومی کمیشن برائے شیڈول ٹرائب نے جھاڑ کھنڈ میں دراندازی اور قبائلیوں کی آبادی میں کمی پر ایک رپورٹ جمع کی ہے جس میں بنگال کی سرحد سے متصل صاحب گنج کو بنگلہ دیش سے متصل ضلع کےطور پر پیش کیا گیا ہے۔ممکن ہو یہ تکنیکی خرابی ہو دراصل اس سے یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ کمیشن اپنے کام کے تئیں کس قدر سنجیدہ ہے اس کے ساتھ ہی وہ کس قدرجلدبازی کا شکار بھی ہے۔

    جھارکھنڈ کے سنتھال پرگنہ میں مسلمانوں کی آبادی سے متعلق بی جے پی اور ہندتو تنظیمیں کے تین بڑے دعوے ہیں-  پہلا دعویٰ یہ ہے کہ جھاڑ کھنڈ کے سنتھا ل پرگنہ علاقے میں ڈیموگرافی تبدیل ہورہی  ہے اور اس کی بڑی وجہ دراندازی ہے۔ ہیمانتا سورین پر یہ الزام ہے کہ وہ دراندازی روکنے میں سنجیدہ نہیں ہے۔ مگر سوال یہ ہے کہ گزشتہ دس برسوں میں سرحدوں کی حفاظت کرنے کی ذمہ داری کس پر ہے؟۔ جب جھارکھنڈ کے سرحد بنگلہ دیش سے نہیں جڑتی ہے تو پھر درانداز وں کو روکنے کی ذمہ داری سورین پرکیونکر آتی ہے-  دوسرا دعویٰ یہ کیا گیا ہے کہ بڑے پیمانے پر تبدیلی مذہب کے واقعات رونما ہورہے ہیں اور تیسرا  دعویٰ یہ  کیا جارہا ہے کہ قبائلی خواتین سے شادی کرکے قبائلیوں کے لئے مخصوص زمین پر قبضہ کیا جارہا ہے۔

    بی جے پی کا دعویٰ ہے کہ  جھارکھنڈ ریاست کی تشکیل کے بعد سنتھل پرگنہ میں آدیواسیوں کی آبادی میں 16 فیصد کمی آئی ہے اور مسلمانوں کی آبادی میں 13 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ممبر پارلیمنٹ نشی کانت دوبے نے پارلیمنٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ سنتھل پرگنہ میں 2000 میں آدیواسیوں کی آبادی 36 فیصد تھی اور اب یہ گھٹ کر صرف 26 فیصد رہ گئی ہے اور اس کے لئے  بنگلہ دیشی دراندازی (مسلمان)  ذمہ دار ہے۔ یہ تمام دعوے حقیقت سے پرے ہیں۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ زیادہ تر میڈیا بھی حقائق کو جانچے بغیر اس پروپیگنڈے کو پھیلا رہا ہے۔ مردم شماری کے مطابق 1951 میں جھارکھنڈ میں قبائلیوں کی آبادی 36 فیصد تھی اور 1991 میں قبائلی آبادی  27.67فیصد ہوگئی ۔ جب کہ 1991 میں مسلمانوں کی آبادی 12.18 فیصدتھی۔ 2011کی مردم شماری کے مطابق ریاست میں 26.21 قبائلی اور 14.53 فیصدمسلمان تھے۔ سنتھال پرگنہ میں قبائلیوں کا تناسب 2001 میں  29.9فیصدتھا اور 2011 میں 28.11 فیصد ہوگیا۔ بی جے پی کا 16فیصد اور 10 فیصد کم ہونے کا دعویٰ مکمل طور پر غلط ہے-

    قبائلیوں کی آبادی میں نمایاں کمی 1951 اور 1991 کے درمیان واقع ہوئی تھی۔ مگر کمی کی وجہ بنگلہ دیش سے دراندازی نہیں بلکہ بہار، بنگا ل اور اترپردیش سے لوگ بڑے پیمانے پر جھارکھنڈ میں آباد ہوئے تھے۔کیوں کہ کان کنی کی وجہ سے بڑی بڑی کمپنیوں کے یہاں دفاتر کھلنے کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا ۔جھار کھنڈ کی راجدھانی رانچی میں قبائلیوں کی آبادی 1961 میں 53.2 فیصد تھی۔ مگر 1991میں یہ کم ہوکر 43.2 فیصد ہوگئی ۔کیوں کہ اس مدت میں 10.73لاکھ افراد دوسری ریاستوں سے جھار کھنڈ میں آئے اور ان میں سےاکثر  یہیں آباد ہوگئے ۔دوسری طرف قبائلیوں میں تعلیم کی کمی ہے اس لئے جھار کھنڈ میں صنعت کاری سے قبائلی آبادی کو فیض نہیں پہنچا۔ روزگار کے لئے انہیں دوسری ریاستوں میں جانا پڑا۔ چناں چہ 2011کی مردم شماری کے بعد جھارکھنڈ کی قبائلیوں کی ایک تنظیم نے مرکزی وزارت داخلہ کو خط لکھ کر کہا کہ مردم شماری کی رپورٹ میں قبائلیوں کی آبادی میں کمی ظاہر کی گئی ہے جب کہ قبائلیوں کی آبادی 32 فیصد ہے ۔چوں کہ اس وقت فصل کا موسم ہے بڑی تعداد میں قبائلی پنجاب، ہریانہ اور راجستھان میں مزدوری کررہے ہیں ۔مرکزی حکومت کی 2017 کی اقتصادی سروے رپورٹ کے مطابق، ریاست سے 15-59 سال کی عمر کے تقریباً 50 لاکھ افراد نے 2001 سے 2011 کے درمیان نقل مکانی کی تھی۔  1951-91 کے درمیان،قبائلی آبادی کی سالانہ شرح نمو 1.42تھی، جبکہ جھارکھنڈ کی مجموعی طور پر 2.3فیصد ہے۔ناکافی غذائیت، ناکافی صحت کے نظام اور معاشی مجبوریوں کی وجہ سے قبالیوں کی اموات کی شرح دیگر کمیونٹیز کے مقابلے زیادہ ہے۔

    آسا م کے وزیراعلیٰ ہمانت بسوا سرما انتخابی مہم کے دوران قبائلیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کررہے ہیں ۔دراندازی کا سوال آسام سے جھار کھنڈ تک شدت سے اٹھاتے ہیں ۔مگر اس سوال پر بات نہیں کرتے ہیں کہ قبائلیوں کی معاشی حالت خراب کیوں ہے؟ آسام کے چائے باغات میں کام کرنے والے قبائلیوں کو کوئی پوچھنے والا کیوں نہیں ہے۔آسام میں 150سال سے زائد عرصے سے چائے کے باغات میں کام کرنے کے باوجو د انہیں قبائلی کا درجہ نہیں مل سکا ہے۔۔ آدیواسیوں اور آسام کے آبائی قبائل کے درمیان تناؤ بہت واضح ہے۔ خونی بوڈو-سنتھال جھڑپیں بہت عام ہیں – ان میں سے زیادہ تر میں مؤخر الذکر کو بھاری قیمت چکانی پڑی۔

    جھارکھنڈ میں باہری اور مقامی کی لڑائی کوئی نئی نہیں ہے۔ جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے بانی شیبو سورین نے  بہار، اتر پردیش، مغربی بنگال، راجستھان، گجرات وغیرہ سے آکر یہاں آباد ہونے والے ساہوکاروں اور کاروباریوں کے خلاف مہم شروع کی تھی ۔باہر سے آنے والوں میں بڑی تعداد اعلیٰ ذاتوں سے وابستہ  یا مالدار تجارتی برادریوں سے تعلق رکھتی ہے۔ قبائلی ان پر معدنیات سے مالا مال خطے کی غریب اصل آبادی کا استحصال کرنے کا الزام لگاتے ہیں۔سنگھ پریوار کی کوشش ہے کہ کسی بھی طرح آسا م جیسی صورت حال پیدا کی جاسکے تاکہ قبائلیوں اور اور مسلمانوں کے درمیان تشدد کی صورت میں وہ اپنے مفادات کی تکمیل کرسکے۔جھارکھنڈ کے کئی علاقوں میں غیرقبائلی کے لئے زمین کے خرید و فروخت پر پابندی ہے۔قبائلیوں کےلئے مخصوص علاقوں کی زمین پر بڑے بڑے صنعت کاروں کی نظر ہے۔ حالیہ برسوں میں اس قانون کی سب سے زیادہ خلاف ورزی ہوئی ہے۔ بی جے پی دعویٰ کرتی ہے کہ قبائلیوں کی زمین پر مسلمان دھوکہ دہی کے ذریعہ قبضہ کررہے ہیں، وہ لوجہاد کے ذریعہ قبائلی خواتین کے ساتھ شادیاں کرتے ہیں اور پھر زمین خرید لیتے  ہیں ۔تین ماہ قبل ایک قبائلی تنظیم نے سنتھال پرگنہ کے گھروں کا سروے کیا او ر اس کے بعد رپورٹ پیش کی کہ اس علاقے میں لو جہاد یا پھر قبائلیوں کے مسلمان بنانے کی ایسی کوئی کوشش سامنے نہیں آئی ہے۔ قبائلی   اورمسلمانوں کے درمیان شاذ و ناذر ہی شادی ہوتی ہے اور یہ پہلے سے ہوتی آئی ہے۔اسی طرح رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انہیں ایسا کوئی بھی مکان نہیں ملا جہاں کوئی غیر قبائلی آباد ہو ۔خود بی جے پی نے اس قانون کی خلاف ورزی بڑے پیمانے پر کی ہے۔ بی جے پی کی گزشتہ رگھوویرداس حکومت نے اڈانی پاور پلانٹ پروجیکٹ کے لیےقبائلیوں کی زمین کو جبراً ایکوائر کیا تھا ۔اڈانی کو فائدہ پہنچانے کے لئ توانائی پالیسی میں تبدیلی کی گئی اور سنتھال پرگنہ کو اندھیرے میں رکھ کر بنگلہ دیش کو بجلی فراہم کی گئی ۔قبائلیوں سے ہمدردی کا تو دعویٰ ہے مگر جھارکھنڈ حکومت کی طرف سے پاس کردہ سرنا کوڈ، پسماندہ طبقات کے لیے 27 فیصد ریزرویشن اور کھٹیان پر مبنی ڈومیسائل پالیسی پر نہ صرف خاموشی ہے بلکہ اس کو روکنے کی پوری کوشش کی جارہی ہے۔

    دوسری جانب قبائلیوں کو ہندو ثابت کرنے کے لئے  آر ایس ایس گزشتہ کئی سالوں سے محنت کررہی ہے۔اس میں وہ بہت حد تک کامیاب بھی ہوئی ہے۔ قبائلی علاقوں میں آر ایس ایس کی جانب سے ایکلا اسکول کے تحت سیکڑوں کی تعداد میں اسکول قائم کئے جاتے  ہیں اور ان اسکولوں میں نصابی سرگرمیوں سے زیادہ بچوں میں نفرت کی آبیاری کی جارہی ہے۔جھار کھنڈ میں 28سیٹیں قبائلیوں کے لئے مخصوص ہیں اور 9سیٹیں درج فہرست ذاتوں کے لئے باقی 44سیٹیں جنرل ہیں ۔ان غیر محفوظ سیٹیوں کی بنیاد پر بی جے پی کی پوزیشن محفوظ ہے۔مگر بی جے پی کے راستہ کی اصل رکاوٹ ریاست کے 14.5 فیصد مسلم ووٹرس ہیں۔اس لئے ایک طرف قبائیلیوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اوردوسری طرف بنگلہ دیشی دراندازوں کے ایشو کے ذریعہ فرقہ وارانہ پولرائزیشن کی کوشش بھی کی جارہی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی پہلی انتخابی ریلی میں انتہائی متنازع تقریر کرکے فرقہ وارانہ پولرائزیشن کی کوشش کی۔

    جھار کھنڈ مکتی مورچہ کی قیادت میں انڈیا اتحاد کا بی جے پی سے مقابلہ سخت ہے، مگر ہیمنت سورین بھی انتہائی تجربہ کار ہیں،  وہ بی جے پی کے ہرسیاسی چال کا جواب دے رہے ہیں- انہوں نے قبائلی علاقے پر اپنی پکڑ مضبوط بنالی ہے اور انہیں مسلم ووٹوں کا فائد ہ بھی مل رہاہے۔ تاہم کانگریس اور جے ایم ایم کے درمیان تال میل کا فقدان اور بی جے پی کی بوتھ سطح پر پکڑ کا نقصان  انڈیا الائنس کو ہوسکتا ہے۔ تاہم انڈیا اتحاد نے سرنا کوڈ کے نفاذ کا وعدہ کرکے قبائلیوں کا اعتماد جیتنے کی بھر پور کوشش کی ہے اور اسی طرح پانچ گرانٹی کے ذریعہ دیہی علاقوں کے ووٹرس کو لبھانے کی بھی کوشش کی گئی ہے-  اب دیکھنا ہے کہ بی جے پی کا فرقہ وارانہ پولرائزیشن کامیا ب ہوتا ہے یا پھر ہیمنت سورین کے ترقیاتی کاموں کا ایجنڈا ۔

  • آسام میں شہریت کے سوال پر سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ

    آسام میں شہریت کے سوال پر سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ

    آسام میں شہریت کا تنازع کوئی نیا نہیں ہے۔ لاکھوں افراد کے سروں پر شہریت کی تلوار برسہائے برس سے لٹکی ہوئی ہے۔شہریت کے اسی سوال پر نیلی میں خون کی ہولی کھیلی گئی۔ ایک لمحے میں ہزاروں افراد کو لقمہ اجل بنادیاگیا ۔نیلی میں جان بچانے کیلئے ندی اور تالاب میں کود کر جان دینے والی کی کہانیاں اوراس کے تصور سے روح آج بھی کانپ جاتی ہے۔ مگرشہریت اور باہری کے نام پرنفرت اور دشمنی کا کھیل اب بھی جاری ہے۔تاہم گزشتہ مہینے کے آخری عشرے میں سپریم کور ٹ نے شہریت قانون کی دفعہ 6Aکے آئینی جواز پر جو فیصلہ سنایا ہے کہ اس نے آسام کے لاکھوں افرادکے چہروں پر امیدوں اور اطمینان کی تازہ لہر دوڑا دی ہے۔اب یہ امید جاگی ہے کہ شہریت کے سوال پر سیاست کا کھیل ختم ہوجائے گا ۔ سالوں سے ٹھوکریں کھانے کے بعد این آر سی میں جگہ پانے کے بعد بھی سازش رچی جارہی تھی کہ این آر سی میں جگہ پانے والے لاکھوں افراد کی شہریت کو مشکوک کردیا جائے۔

    1984میں سابق وزیر اعظم راجیوگاندھی کی قیادت والی مرکزی حکومت اور آسام طلبہ  یونین جس میں سابق وزیر اعلیٰ پرفل کمار مہنت بھی شامل تھےکے درمیان معاہدہ ہوا جس میں  25مارچ1 197سے قبل تک آسام میں آنے والے ہر ایک شخص کو بھارت کا شہری تصور کیا جانے کا اعلان کیا گیا تھا ۔اس کو شہریت کے قانون میں تبدیل کرکے 6Aکے تحت درج کیا گیا۔تین دہائی بعد2012میں  اس معاہدہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا اور اس کو آسام کے ساتھ زیادتی اور عدم مساوات قرار دیتے ہوئے عدالت کے سامنے سوال رکھا گیا کہ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ شہریت کا قانون ملک کے دیگر علاقوں کیلئے کچھ اور ہو اور آسام کیلئے کچھ اور ہو ۔ اس کے علاوہ یہ بھی دلیل دی گئی آسام کے اصل باشندوں کی تہذیب و ثقافت اور کلچر کو اس قانون کی وجہ سے نقصان پہنچ رہا ہے۔ دفعہ 6A  آئین کے آرٹیکل 14 (مساوات)، 21 (زندگی اور آزادی) اور 29 (ثقافتی حقوق کا تحفظ) کے تحت ضمانت یافتہ بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کرتی ہے۔عرضی گزاروں نے سیکشن 6A کی قانون سازی کیلئے پارلیمنٹ کی اہلیت کو چیلنج کرتے ہوئے سوال رکھا کہ بھارت کی شہریت کیلئے ملک میں جو کٹ آف تاریخ متعین کی گئی ہےیہ اس کے یہ خلاف ہے۔درخواست گزاروں نے یہ بھی دلیل دی کہ یہ شق جمہوری اقدار، وفاقیت اور قانون کی حکمرانی کو ختم کرتی ہے، جب کہ یہ سب آئین کے بنیادی ڈھانچے کے بنیادی اجزاء ہیں۔ان دلائل کی بنیاد پر درخواست گزاروں نے کئی حل پیش کرتے ہوئے استدعا کی کہ عدالت آئین ہند کی دفعہ 14، 21 اور 29 کی خلاف ورزی کرنے پر سیکشن 6A کو غیر آئینی قرار دیا جائے ۔اس کے ساتھ ہی یہ مشورہ بھی دیا کہ 1951کے بعد آسام میں آنے والے بنگلہ دیشی تارکین وطن کو آباد کرنے کیلئے ریاستوں سے مشورہ کرکے ایک پالیسی مرتب کی جائے ۔

    اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ بنگلہ دیش سے مختلف اوقات میں بڑے پیمانے پر نقل مکانی ہوئی ہےتاہم یہ بھی ایک بڑی حقیقت ہے کہ آزادی کے بعد بنگلہ دیش سے بنگالی مسلمانوں کی آمد کی شرح انتہائی کم رہی ہے۔حکومتوں کے تمام دعوؤں کے باوجود این آر سی کے باہر رہ جانے والے بنگالی مسلمانوں کی شرح انتہائی کم رہی ہے۔جن لوگوں کے نام این آر سی میں شامل نہیں ہوسکے ہیں ان میں اکثریت ا ن مسلمانوں کی ہیں جن کے دستاویز کو تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے رد کردیا گیا ۔ان کے پاس فارن ٹریبونل اور اعلیٰ عدالتوں کے سامنے شہریت ثابت کرنے کے مواقع ہیں ۔چناں چہ دفعہ 6Aکی آئینی حیثیت کو چیلنج کرنے کے پیچھے بھی یہی مقصد کارفرما تھا کہ شہریت کیلئے 1951کی حد کوباقی رکھ کرمسلمانو ں کےسروں پر شہریت کی تلوار لٹکادی جائے۔

    تاہم رخصت پذیر چیف جسٹس آف انڈیا کی قیادت والی پانچ رکنی آئینی بنچ نے 4-1سے اس عرضی کو مستردکرکے ایک بڑے فتنے کو ٹال دیا ہے۔اگر یہ فیصلہ دفعہ 6Aکے خلاف آتا تو آسام میں بحران پیدا ہوسکتا تھا اور اس بحران کا شکار سب سے زیادہ مسلمان ہوتے کیوں کہ غیر مسلموں کی شہریت کیلئے شہریت ترمیمی ایکٹ موجود ہے۔جسٹس پاردی والا نے دفعہ6Aکی آئینی حیثیت کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا تاہم بقیہ چار ججوں بشمول چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ نے گرچہ درخواست کو مسترد کردیا لیکن چندر چوڑ نے اپنا فیصلہ الگ لکھا ۔جب کہ  جسٹس سوریہ کانت، جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس منوج مشرانےایک فیصلہ لکھا ۔ان دونوں فیصلوں میں جو نکتے اٹھائے گئے ہیں وہ آسامی تہذیب و ثقافت کے تحفظ کے سوال کو انسانیت اور بین الاقوامی معاہدوں سے بالا بناکر پیش کرنے کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔سپریم کورٹ نے کہا کہ کسی طبقے کی شہریت ملنے سے کسی دوسرے کے حقوق متاثر نہیں ہوتے ہیں ۔تاہم اس فیصلے کے کچھ ایسے بھی نکات بھی ہیں جو  امیدوں کے ساتھ خطروں کی گھنٹی بھی بجاتے ہیں۔فیصلے میں واضح لفظوں میں کہا گیا ہے کہ 25مارچ 1971کےبعد آسام میں آنے والے تارکین وطن کی شناخت کی جائے اور انہیں ملک بدر کیا جائے۔ ساتھ میں اس پورے عمل کی نگرانی عدالت کے ذریعہ کرانے کی سفارش کی گئی ہے۔ایسے میں سوال یہ ہے کہ شہریت ترمیمی ایکٹ آسام میں کیسے نافذ کیا جائے گا۔گرچہ سپریم کورٹ نے شہریت ترمیمی ایکٹ کے آئینی جواز پرکوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔مگر اس ایکٹ کے ذریعہ صرف بنگالی ہندؤں کو شہریت دینے کی چور دروازے سے کوشش کی گئی ہے اس پر سپریم کورٹ نے یہ کہہ کر تالا لگادیا ہے کہ مارچ 1971کے بعد آنے والے تارکین وطن کے خلاف کارروائی کی جائے ۔

    آزادی سے قبل اور تقسیم کے بعدآسام نے بنگالی ہندوؤں اور مسلمانوں کی ہجرت کی کئی لہر دیکھا ہے۔ آسامی قوم پرستی کے حامیوں نے مذہب سے قطع نظر  تارکین وطن کو ریاست کی ثقافت اور وسائل کے لئے خطرہ کے طور پر پیش کرتے ہوئے تحریک شروع کی ۔غیر آسامیوں کے خلاف کئی سالوں تک تحریک چلائی گئی ۔سیکڑوں افراد کی جانیں گئیں اور اسی مہم کے دوران نیلی قتل عام کا واقعہ پیش آیا۔جس میں قبائلی آبادیوں نے مسلم بستیوں پر حملہ کردیا اور ایک دن میں دوہزار سے زائد مسلمانوں کو قتل کردیا گیا۔طویل احتجاج اور تشدد کے بعد1985میں آسام معاہدہ ہوا جس میں سیکشن 6 اے کو شہریت کے قانون میں شامل کیا گیا تھا۔ اس معاہدے پر ہندوستانی حکومت اور آسامی قوم پرست رہنماؤں کے مابین دستخط ہوئے جنہوں نے بنگلہ دیش سے "غیر قانونی امیگریشن” کے خلاف چھ سال طویل تحریک کی قیادت کی تھی۔اس معاہدے کا ایک نتیجہ یہ تھا کہ ہندوستانی شہریت  کے دروازے ان تارکین وطن پر بند کردئے گئے جو 25 مارچ 1971 کے بعد آسام آئے تھے۔لیکن 2019 میں  نریندر مودی حکومت نے متنازعہ شہریت ترمیمی ایکٹ منظور کیا ، جس نے شہریت دینے کی شرائط کو یکسر تبدیل کردیا۔قانون کے تحت بنگلہ دیش ، پاکستان اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے غیر دستاویزی تارکین وطن کو ہندوستانی شہریت کے لئے راہ ہموار کردی گئی ، بشرطیکہ وہ 31 دسمبر 2014 سے پہلے ہی ملک میں داخل ہوگئے۔ تاہم اس ایکٹ کے فوائد سے مسلمانوں کو محروم کیا گیا ۔شہریت ترمیمی ایکٹ ملک کا یہ قانون مذہبی تفریق کی بنیاد پر بنایا گیا ہے۔یہ سوال الگ ہے کہ پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان سے آنے والے مسلمانوں کی شرح کیا ہے۔کیا حکومت کے پاس ایسی سروے رپورٹ نہیں ہے جس میں حتمی تعداد کی نشاندہی کرسکے ۔تاہم بنگلہ دیشی دراندازی کے نام پر سیاست کا کھیل جارہی ہے۔

    آسام معاہدہ کے تحت جن کےوالدین یا دادادادی 1966 سے قبل آسام میں تھے تو وہ شہری سمجھے جائیں گے۔ اگرآباؤ اجداد 1966 سے 24 مارچ 1971 کے درمیان آسام آئے ہیں تو ، وہ سیکشن  6 اے کے تحت شہریت کیلئے درخواست دے سکتے ہیں ۔اگر کوئی یہ ثابت کرنے سے قاصر ہوجاتا ہے تو اس کو غیر قانونی تارکین وطن سمجھا جائے گا۔تاہم شہری ترمیمی ایکٹ کے ذریعہ بنگالی ہندو کو راحت دینے کی کوشش کی گئی مگر آسام کی پیچیدہ سیاست میں یہ ایکٹ زیادہ کارآمد ثابت نہیں ہورہا ہے۔یہ ایکٹ نافذ ہونے کے بعد سے اب تک شہریت کیلئے چند ہی درخواست جمع کی گئی ہے جس میں صرف ایک بنگالی ہندو کو شہریت ملی ہے۔اخباری رپورٹ کے مطابق بہت سے لوگ شہریت ترمیمی ایکٹ کے تحت مطلوبہ دستاویزات تیار نہیں کرسکتے ہیں۔شمال مشرق میں بنگالی ہندوؤں کے لئے ایک اور پیچیدگی اس حقیقت سے پیدا ہوتی ہے کہ سی اے اے چھٹے شیڈول والے علاقوں میں نافذ نہیں ہوتا ہے۔چھٹے شیڈول کے تحت وہ علاقے ہیں جہاں داخلہ کیلئے اندرونی پرمٹ کی ضرور ت ہوتی ہے۔چھٹے شیڈول میں آسام ، میگھالیہ ، میزورم اور تریپورہ کے کچھ قبائلی علاقے شامل ہیں۔ اندرونی لائن پرمٹ ایک ایسی سفری دستاویز ہے جو دیگر ریاستوں کے ہندوستانی شہریوں کو اروناچل پردیش ، ناگالینڈ ، میزورم اور میں رہنے کے لئے درکار ہے۔

    آسام کی سیاست پر گہری نظر رکھنے والے پولیٹیکل سائنس کے ماہرین کی رائے یہ  ہےکہ یہ فیصلہ 1971 کے بعد ریاست میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی ہجرت کے مفروضے میں’’تنگ وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ایڈووکیٹ امان ودود کہتے ہیں کہ "1971 کے بعد بڑے پیمانے پر ہجرت کو ثابت کرنے کے لئے قطعی طور پر کوئی تجرباتی اعداد و شمار موجود نہیں ہیں۔سپریم کورٹ کی نگرانی میں 2015سے 2019کے درمیان تارکین وطن کا پتہ لگانے کیلئے این آر سی مکمل کیاگیا ۔حتمی این آر سی نے صرف 19 لاکھ افراد کو خارج کردیا۔تاہم ان تمام افراد کو ابھی غیر ملکی قرار نہیں دیا گیا ہے انہیں فارن ٹربیونل میں اپنی شہریت ثابت کرنے کا موقع فراہم دیا جائے گا۔امن ودود کہتے ہیں کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد یہ خدشہ ہے کہ غیر ملکی تارکین وطن کی شناخت کے نام پر مسلمانوں کیلئے تباہ کن حالات پیدا کئے جاسکتے ہیں۔آسام حکومت جو پہلے ہی خود کو مسلم دشمن پالیسی کی علمبردار ثابت کرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑتی ہے وہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے نام پر مسلمانوں کے خلاف مزید کریک ڈاؤن کرسکتی ہے۔انہیں حراستی کیمپوں میں بھیجا جاسکتا ہے۔تارکین وطن کی شناخت کے عمل میں حکومت کی امتیازی پالیسی ہے۔جولائی میں بارڈر پولس کو ہدایت دی گئی ہے کہ غیر مسلم تارکین وطن کو فارن ٹربیونل کے حوالے نہیں کیا جائے ۔اس کا مطلب واضح ہے کہ صرف مسلمانوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ماہرین نے جن خدشات کا اظہار کیاتھا وہ اب حقیقت میں بدل رہے ہیں ۔حالیہ دنوں میں آسام سے جوخبر آرہی ہے کہ کہ بڑے پیمانے پر تارکین وطن حراستی کیمپوں میں بھیجے جارہے ہیں ۔

    لہذا ٓسام میں آباد مسلمانوں کا امتحان ابھی ختم نہیں ہوا ہے ۔6لاکھ مسلمانوں پر شہریت کی تلوار لٹک رہی ہے ۔ایک طرف انہیں شہریت ثابت کرنے کیلئے عدالتوں میں خوار ہونا ہے تو دوسری طرف حراستی کیمپوں میں بے بسی اور بے کسی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔ٹریبونل اور عدالت میں خواری کا عمل اس قدر سخت دشواراور جان لیوا ہے کہ بسا اوقات زندگی ختم ہونے کے بعد شہریت کا پروانہ ملتا ہے۔کسی نے یہ سچ کہا ہے کہ سیاست دانوں کے سینوں میں دل نہیں ہوتے ہیں بلکہ دل کے نام پر وہ پتھر اٹھائے پھرتے ہیں۔ وہ دماغ سے سوچتے ہیں اور دماغ سے ہی فیصلہ کرتے ہیں ۔چناں چہ سیاسی نفع و نقصان کی خاطر آسام میں جاری بحران کا انسانی حل نکالنے کی کوشش نہیں ہورہی ہے ۔یہاں سوال ہندو یا مسلمان  کا نہیں ہے۔کیوں کہ 13لاکھ ہندو بنگالی جنہیں این آر سی میں جگہ نہیں ملی ہے کیا وہ شہریت ترمیمی ایکٹ کے تحت شہریت کیلئے یہ اقرار کریں گے وہ بنگلہ دیش سے بھارت میں آئے ہیں ۔ان کے پاس بنگلہ دیش کی شہریت کی کوئی دستاویز ہے؟ظاہر ہے کہ بنگالی ہندو بھی اسی کرب سے گزررہے ہیں ۔بس سیاست داں ہیں جو ان تارکین وطن کو ہندو اور مسلمان کے نام پر تقسیم کررہے ہیں ۔حقیقت تو یہی ہے کہ آسامیوں کے دلوں میں نفرت یکساں ہے۔ وہ بنگالی ہندو اور مسلمانوں دونوں کو یکساں طور غیر تصور کرتے ہیں ۔

  • بہرائچ مسلم مخالف فساد

    بہرائچ مسلم مخالف فساد

    بہرائچ ضلع کے مہاراج گنج قصبے میں گذشتہ 13؍ اکتوبر کو درگا وسرجن جلوس کے دوران مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیزی کے بعد پھوٹ پڑنے والے تشدد کے واقعات کے نئے ابٍ حقائق سامنے آ رہے ہیں۔ فساد کی شروعات اس وقت ہوئی جب مسلم اکثریتی علاقے سے درگا وسرجن جلوس نکالا گیا۔ جلوس کے دوران ڈی جے پر اشتعال انگیز ی کی گئی اور مسلم مخالف نعرے لگائے گئے ۔اس دوران ہجوم نے کھلے طور سے مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز نعرے لگائے ۔ علاقے کے مسلمانوں نے جلوس میں شامل لوگوں سے ڈی جے بند کرنے کی اپیل کی ۔لیکن جب اس کا کوئی اثر نہیں ہوا تو سرفراز نام کے ایک نوجوان نے ڈی جے سسٹم سے پین ڈرائیو نکال دیا ۔اس کے بعد جلوس میں شامل شر پسندوں نے ہنگامہ شروع کر دیا اور تشدد پر آمادہ ہو گئے ۔مشتعل ہجوم نے مسلمانوں کے گھروں اور دکانوں پر حملہ کرناشروع کر دیا ۔ایسا لگ رہا تھا کہ سب کچھ پہلے سے شدہ منصوبے کے تحت ہو رہا ہے ۔معروف سماجی کارکن تیستا سیتلواڈ کی پہل پربنارس کے سینئر صحافی وجئے ونیت نے گراؤنڈ زیرو سے فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ جاری کی ہے ۔’سب رنگ ‘ کی طرف سے جاری اس رپورٹ میں بہرائچ فساد سے متعلق نئے حقائق سامنے آئے ہیں ۔ رپورٹ میں بی جے پی کے لیڈران کے علاوہ پولیس کے کردار پر بھی سنگین سوالات اٹھائے گئے ہیں ۔رپورٹ میں اس بات پر زور دے کر کہا گہا ہے کہ پولیس نے تشدد پرآمادہ ہجوم کو روکنے یا ان کو قابو کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی۔چشم دید بیانات کے مطابق درگا وسرجن جلوس جب مہسی علاقے میں عبدالحمید کے مکان کے سامنے پہنچا تو اس وقت ڈی جے پر مسلمانوں کے خلاف نہایت ا ہانت آمیز گانے بجائے جا رہے تھے ۔ہجوم میںلگاتار مسلم مخالف نعرہ  لگا یا جا رہا تھا جس کی وجہ سے مسلمانوں میں ناراضگی پھیلی ۔ مقامی عبد الحمید کے بیٹے سرفراز احمد نے ہجوم کے اس رویے پر اعتراض کیا اور ڈی جے سسٹم سے پین ڈرائیو نکال دیا ۔اسی وقت جلوس میں شامل نوجوان رام گوپال مشر ا غصے کی حالت میں سرفراز کے مکان پر چڑھ گیا اور چھت پر لگے سبز پرچم کو پھاڑ کر اس کی جگہ بھگوا جھنڈا پھہرا دیا ۔ یہ پورا منظر ویڈیو میں قید ہے، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔وائرل ویڈیو میں رام گوپال مشرا کو سرفرازکے مکان کی چھت پر چڑھتے ہوئے اور بھگوا جھنڈا پھہراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔اس ویڈیو میں یہ بھی نظر آرہا ہے کہ بھگوا جھنڈا پھہرانے کے بعد رام گوپال مشرا نے چھت کی ریلنگ کو دھکے مار کر گرا دیا ۔ اسی دوران کہیں سے گولی چلی جو رام گوپال مشرا کو لگی ۔اس کی موقع پر بھی موت واقع ہو گئی ۔اس واقعے کے بعد تشدد پر آمادہ ہجوم نے مسلمانوں کے گھروں اور ان کی دکانوں کو نشانہ بنایا شروع کر دیا ۔مہسی اور مہاراج گنج علاقے میں مسلمانوں کے دکانوں کو لوٹا گیا اور ان کو آگ لگا دی گئی ۔اس میں کئی بڑے شو روم اور بڑی دکانیں شامل ہیں ۔انتظامیہ نے پورے بہرائچ ضلع میں انٹر نیٹ سروس معطل کر دی اور مسلمانوں کی دھر پکڑ شروع ہو گئی ۔

    17؍اکتوبر کو پولیس نے سرفراز احمد اور محمد طالب کو ایک انکاؤنٹر کے دوران دونوں پیروں پر گولی مار کر گرفتار کر لیا۔شدید طور سے زخمی سرفراز اور طالب کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ۔اس انکاؤنٹر کے بارے میں پولیس کا وہی رٹا رٹا یا بیان سامنے آیا جو ایسے موقع پر میڈیاکے لیے جاری کیا جا تا ہے ۔ رام گوپال مشرا کی موت کے بعد افواہوں کا بازا رگرم ہو گیا ۔گرچے بہرائچ میں انٹر نیٹ سروس بند کر دی گئی تھی لیکن اس کے با وجود بہت منظم طریقے سے ایسی افواہیں پھلائی گئیں کہ جس سے مسلمانوں کے خلاف جذبات کو بھڑکایاجا سکے ۔ افواہوں کے ذریعے یہ بات پھیلائی گئی کہ رام گوپال مشرا پر تشدد کرکے مارا گیا ہے ۔ اس کو کرنٹ لگائے گئے اور اس کے ناخن اکھاڑے گئے۔کئی دنوں تک چلی ان افواہوں نے مسلمانوں کے خلاف ہونے والے تشدد کی آگ میں گھی ڈالنے کا کام کیا ۔لیکن پولیس نے ان افواہوں کو روکنے اور اس کو پھیلانے والوں کے خلاف کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کی ۔بہرائچ ضلع کے چیف میڈیکل افسر کی طرف سے جاری رام گوپال مشرا کی پوسٹ پارٹم رپورٹ نے افواہوں کی شدت میں کمی لانے میں اہم کردار ادا کیا ۔پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ رام گوپال مشرا کی موت گولی لگنے سے ہوئی ہے ۔پی ایم رپورٹ میں کہا گیا کہ رام گوپال کو نہ تو کرنٹ لگا کر مارا گیا اور نہ ہی اس کے ناخن اکھاڑے گئے ۔پولیس اعلیٰ افسران نے بھی پوسٹ مارٹم رپورٹ کی تصدیق کی اور یہ تسلیم کیا کہ رام گوپال مشرا کی موت گولی لگنے کی وجہ سے ہوئی ۔

    بہرائچ مسلم مخالف فساد کے دوران پولیس کا کردار جانب دارانہ بلکہ مشتعل ہجوم کو مدد پہنچانے والا بھی تھا۔اس ضمن میں ’سب رنگ‘  کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میں نیوز پورٹل ’’ بھاسکر ‘‘ کا حوالہ خصوصی طور پر دیا گیا ہے ۔نیوز پورٹل بھاسکر نے بہرائچ فساد پر ایک اسٹنگ آپریشن کیا تھا ۔اسٹنگ آپریشن میں جلوس میں شامل دو نوجوانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے ان کو تشدد کرنے کے لیے دو گھنٹے کی چھوٹ دی تھی ۔اسٹنگ آپریشن میں فساد میں شامل دو نوجوانوں نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے ان کو تشدد کو بھڑکانے کے لیے دو گھنٹے کا وقت دیا تھا۔تشدد کے دوران قیمتی گاڑیوں کو جلایا گیا اور دکانوں کو آگ لگائی گئی۔اس دوران پولیس متاثرہ علاقے سے ہٹ گئی تھی ۔دونوں نوجوانوں نے یہ بھی بتایا کہ اگر کچھ لوگ موقع پر غداری نہ کرتے تو پورا بازار جل کر راکھ ہو جاتا ۔فساد کے دوران مسلمانوں کے گھروں کو نشانہ بنایاگیا ۔گھروں سے باہر کھڑی گاڑیوں کو آگ لگائی گئی ۔ اس غارت گری میں سب سے بڑا نقصان ہیرو بائک کے شوروم کا ہوا ۔ شوروم میں کھڑی 35؍ بائک کو شر پسندوں نے آگ لگا کر راکھ میں تبدیل کر دیا ۔مہسی اور مہراج گنج علاقے کے مسلمانوں کی بڑی دکانوں اور ان کے کاروبار کو بڑے پیمانے پر نشانہ بنایا گیا ۔ اس فساد میں مسلمانوں کو اقتصادی طور پر تباہ کرنے کی منظم کارروائی کی گئی تھی ۔ تشدد اور لوٹ پاٹ کے بعد پولیس نے ایک طرفہ طور سے مسلمانوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے ۔ پولیس اب تک ایک سو سے زائد افراد کو گرفتار کر چکی ہے ۔اس میں انکاؤنٹر کا شکار سرفراز ، ان کے والد عبد الحمید ، محمد طالب ، فہیم اور ساحر خان کے نام شامل ہیں ۔پولیس ان کو فساد اور تشدد بھڑکانے کا ماسٹر مائنڈ کے طور پر پیش کر رہی ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ جن لوگوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے ان کی شناخت سی سی ٹی وی کیمرے کے ذریعے کی گئی ہے ۔ سب رنگ کی جانب سے جاری فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میں پولیس کے کردار پر سنگین سوال اٹھائے گئے ہیں ۔مقامی لوگوں کے مطاق مشتعل ہجوم جب توڑ پھوڑ اور آگ زنی میں مصروف تھا اس وقت علاقے سے پولیس ہٹ گئی تھی ۔گویا پولیس کی جانب سے فسادیوں کو کھلی چھوٹ دے دی گئی تھی ۔یہی نہیں فساد کے دوران ضلع کے ایس ایس پی پوتر موہن ترپاٹھی بھی منظر عام سے غائب ہو گئے تھے ۔

    تقریباً  ایک ماہ گذرجانے کے بعد بھی مہاراج گنج میں ابھی تک حالات معمول پر نہیں آ سکے ہیں ۔مسلمانوں میں خوف کا یہ عالم ہے کہ وہ ابھی تک اپنی معمول کی زندگی شروع نہیں کر پائے ہیں ۔ان کی دکانیں جلا دی گئی ہیں اور کاروبار بند پڑے ہیں ۔مہسی تحصیل کی رام پور

    چوکی ، بھگوان پور ، واجپائی پور اور منصور گنج جانے والے تمام راستوں کی پولیس نے بیری کیٹنگ کر رکھی ہے ۔ راستے سے گذرنے والے لوگوں سے سخت پوچھ گچھ کی جارہی ہے اور مشتبہ افراد سے شناختی کا رڈ طلب کئے جا رہے ہیں ۔پور علاقے میں خوف اور غیر یقینی کا ماحول ہے ۔فساد کے بعد علاقے میں مسلمانوں کے گھروں اور دکانوں کو بلڈوز کئے جانے کا خطرہ منڈرا رہا ہے ۔انتظامیہ نے متعدد دکانوں اور مکانوں پر منہدم کرنے کا نوٹس چسپاں کر دیا ہے ۔حکومت کی اس کارروائی کے خلاف الہ آباد ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی گئی ہے ۔ہائی کورٹ نے فی الحال انہدام کی کارروائی پر 11؍ نومبر تک کی روک لگا دی ہے ۔لیکن عدالت سے ماورا ریاستی حکومت نے غیر قانونی قبضہ ہٹانے کے نام پر مسلم علاقے کے بعض مکانوں کو منہدم کرنے کا نوٹس چسپاں کر دیا ہے ۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ غیر قانونی طور سے تعمیر کیا گیا ہے ۔فساد کے بعد علاقے میں کئی تھانوں کی پولیس رات میں مسلمانوں کے گھروں پر چھاپے مار رہی ہے۔پولیس ان افراد کو تلاش کر رہی ہے جن کے نام ایف آئی آر میں درج ہیں ۔پولیس کی اس کارروائی سے علاقے کے لوگوں میں خوف کا ماحول ہے۔  مہاراج گنج میں کئی خاندان اپنے مکان چھوڑ کر دوسرے علاقوں میں منتقل ہو گئے ہیں ۔دکانیں اور کاروبار بند ہیں صرف مہاراج گنج میں ہی نہیں بلکہ آس پاس کے گاؤں میں بھی اس کے اثرات دیکھے جا سکتے ہیں۔

    بہرائچ مسلم مخالف فساد میں مقامی پولیس اور حکمراں بی جے پی کی ساٹھ گانٹھ بھی کھل کر سامنے آ گئی ہے ۔ اس معاملے میں ایک نیا موڑ اس وقت آیا جب مہسی ودھان سبھا سے بی جے پی کے ایم ایل اے سریشور سنگھ نے بھاجپایووا مورچہ کے مقامی صدر ارپت سریواستو اور پنڈریک پانڈے سمیت سات دیگر افراد کے خلاف پولیس میں ایف آئی آر درج کرائی ۔بھاجپا ایم ایل اے سریشور سنگھ نے ایف آئی آر میں الزام لگایا ہے کہ رام گوپال مشرا کو گولی لگنے کے بعد جب بی جے پی کارکنان لاش لیکر اسپتال کے باہر احتجاج کر رہے تھے تو وہ بی جے پی کارکنان کو سمجھانے بجھانے گئے تھے ۔لیکن اس وقت ارپت سری واستو اور پنڈریک پانڈے نے اپنے حامیوں کے ساتھ ان پر قاتلانہ حملہ کر دیا ۔بی جے پی ایم ایل اے سریشور سنگھ کی طرف سے درج کرائی گئی اس ایف آئی آر کے خلاف الہ آباد ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی گئی ۔عرضی میں عدالت سے مانگ کی گئی کہ درج کی آگئی ایف آئی آر کو منسوخ کر دیا جائے ۔عدالت نے سماعت کے بعد ارپت سری واستو اور دیگر کے خلاف درج ایف آئی آر کو رد کرنے سے انکار کور دیا ۔بہرائچ فساد پر یو پی کی ایوزیشن پارٹیوں کا رد عمل بھی مایوس کن رہا ہے۔کانگریس اور سماج وادی پارٹیوں نے زبانی جمع خرچ علاوہ ابھی تک کچھ نہیں کیا ہے ۔ دونوں سیاسی پارٹیوں نے بہرائچ فساد کی رسمی مذمت کی ہے ۔ کانگریس اور سماج وادی پارٹی نے بہرائچ فساد کے لیے یوگی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے اور پولیس کے کردار پر اپنے سوال کھڑے کئے ہیں ۔

  • دہلی دنیا کا سب سے آلودہ شہر

    دہلی دنیا کا سب سے آلودہ شہر

    دہلی صرف ہندوستان کے اقتدار کی راجدھانی نہیں ہے بلکہ یہ اور بھی بہت ساری باتوں کی راجدھانی ہے۔ جن میں دو باتیں سرفہرست ہیں۔ پہلی یہ کہ دہلی خواتین کے خلاف جرائم کی راجدھانی ہے۔ یعنی خواتین اور بچوں کے خلاف سب سے زیادہ جرائم دہلی ہی میں ہوتے ہیں۔ دوسری بات یہ کہ دہلی آلودگی کی بھی راجدھانی ہے۔ یعنی نہ صرف ہندوستان کی سطح پر بلکہ عالمی سطح پر بھی سب سے زیادہ پولیوشن اسی شہر میں پایا جاتا ہے۔ گویا دہلی پولیوشن کے لحاظ سے دنیا بھر کی راجدھانی ہے۔ یوں تو تقریباً پورے سال دہلی کی فضا پر دھند چھائی رہتی ہے اور آلودگی کی سطح اتنی بلند رہتی ہے کہ سانس لینا مشکل ہو جاتا ہے۔ بالخصوص مریضوں، بزرگوں اور بچوں کی صحت پر تو بے انتہا خراب اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ لیکن جب موسم سرما شروع ہونے والا ہوتا ہے تو آلودگی کی سطح میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔ ہندوؤں کا ایک تہوار دیوالی موسم سرما کے آغاز پر ہی پڑتا ہے۔ دیوالی سے قبل آلودگی میں اگر کچھ کمی بھی رہتی ہے تو دیوالی کے پٹاخے اس کمی کو پورا کر دیتے ہیں۔ نہ صرف پورا کر دیتے ہیں بلکہ دہلی کی فضا کو انتہائی خطرناک بھی بنا دیتے ہیں۔

    دہلی حکومت گزشتہ کئی برسوں سے دیوالی پر پٹاخے چھوڑنے پر پابندی عاید کرتی آئی ہے۔ لیکن مجال ہے کہ لوگ اس پابندی کی پابندی کریں۔ ہندوؤں کا بہت بڑا طبقہ اسے مذہب سے جوڑ دیتا ہے اور کہتا ہے کہ دیوالی پر پٹاخوں پر پابندی سناتن دھرم کی بے عزتی ہے۔ اس کے مطابق ہندو مذہب کی مخالفت میں یہ پابندی عاید کی جاتی ہے۔ حالانکہ پابندی عاید کرنے والے ہندو ہی ہوتے ہیں۔ مرکز کی حکومت ہو یا دہلی کی دونوں پر بر سر اقتدار طبقہ کی اکثریت ہندو ہی ہے۔ لیکن بہرحال اس پابندی کو مذہب سے جوڑ کر اس کی خوب خلاف ورزی کی جاتی ہے۔ عوام کو اپنی،  اپنے بچوں اور بزرگوں تک کی صحت کی فکر نہیں ہے۔ فکر ہے تو اس کی کہ کس طرح پٹاخے پھوڑ کر اپنا مذہبی تہوار منائیں۔ حالانکہ دیوالی منانے کا بہترین طریقہ روشنی ہے۔ پہلے دیے جلائے جاتے تھے۔ اب قمقمے جلائے جاتے ہیں۔ حالانکہ دیہی علاقوں میں بلکہ دہلی میں بھی بعض لوگ دیے ہی جلاتے ہیں۔ دیوں سے نکلنے والا دھواں بھی پولیوشن میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔ لیکن اسے کیا کیا جائے کہ لوگ مانتے ہی نہیں ہیں۔ امسال دیوالی آنے سے قبل ہی دہلی کی فضا بے حد زہریلی ہو گئی تھی۔ دیوالی کے اگلے روز اگر چہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں آلودگی یا کثافت کم رہی لیکن اس کے بعد کے دنوں میں اس میں مزید اضافہ ہو گیا۔ جس کے نتیجے میں دہلی میں ہوا کا معیار خطرناک حد تک خراب ہو گیا۔ عالمی میڈیا نے جلی حروف میں لکھا کہ دہلی دنیا کا سب سے آلودہ یا سب سے گندا شہر ہے۔ اس پر حکومت کو بھی اور عوام کو بھی ندامت ہونی چاہیے لیکن کون نادم ہوتا ہے۔

    آلودگی کو یا ہوا کے معیار کو ناپنے کے پیمانے کو اے کیو آئی یعنی ایئر کوالٹی انڈکس کہتے ہیں۔ دیوالی کے موقع پر دہلی میں بعض مقامات پر اے کیو آئی 400 تک پہنچ گیا۔ خیال رہے کہ ہوا کے معیار کی اس سطح کو ایمرجنسی سطح کہا جاتا ہے۔ یعنی اگر اے کیو آئی چار سو ہو گیا ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ہوا کے خراب معیار سے ہر شخص متاثر ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ صفر سے پچاس تک کے اے کیو آئی کو اچھا اور اطمینا بخش مانا جاتا ہے۔ 51 سے 100 تک کو قابل قبول مانا جاتا ہے۔ پھر بھی اس سے وہ لوگ متاثر ہو سکتے ہیں جن کو الرجی وغیرہ کی بیماری ہو۔ 101 سے 150 تک حساس طبیعت کے لوگوں کے لیے غیر صحت بخش مانا گیا ہے۔ اس میں حساس لوگ متاثر ہو جاتے ہیں۔ 151 سے 200 تک کو عام لوگوں کے لیے غیر صحت بخش مانا گیا ہے۔ یعنی عام لوگوں میں سے بھی بہت سے لوگ متاثر ہو سکتے ہیں۔ 201 سے 300 تک کو انتہائی خراب مانا گیا ہے۔ اس میں ہر شحص کی صحت متاثر ہو سکتی ہے۔ جبکہ 301 سے اوپر تباہ کن مانا گیا ہے۔ اسے ایمرجنسی کہا گیا ہے۔ دہلی میں دیوالی کے بعد بعض مقامات پر اے کیو آئی چار سو تک پہنچ گیا۔

    دہلی میں آلودگی کے متعدد اسباب ہیں۔ پہلی بات تو یہ کہ دہلی کی سرحد اترپردیش اور ہریانہ سے ملتی ہے۔ پولیوشن میں اضافے کی ایک وجہ ان دونوں ریاستوں اور خاص طور پر ہریانہ میں فصلوں کی باقیات کو جنھیں پرالی بھی کہا جاتا ہے، جلانا ہے۔ حالانکہ ہریانہ اور پنجاب کی حکومتوں نے اس کی حوصلہ شکنی کے اقدامات کیے ہیں لیکن اس کے باوجود پرالی بڑے پیمانے پر جلائی جاتی ہے۔ ایک تخمینے کے مطابق ایک سیزن میں ساڑھے تین کروڑ ٹن پرالی جلائی جاتی ہے۔ جب ہوائیں چلتی ہیں تو وہ ہریانہ، پنجاب اور اترپردیش میں جلائی جانے والی پرالی کا دھواں اور گرد اڑا کر دہلی میں لے آتی ہیں جس کی وجہ سے ہوا کا معیار خراب ہو جاتا ہے۔

    دہلی میں ٹریفک کی بدترین صورت حال اس کی دوسری وجہ ہے۔ گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں فضا کو خراب کرتا اور دھند میں اضافہ کرتا ہے۔ دہلی حکومت کی جانب سے پرانی گاڑیوں کے چلانے پر پابندی ہے۔ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔ یاد رہے کہ دہلی میں 31 مارچ 2023 تک گاڑیوں کی تعداد 79 لاکھ 50 ہزار تھی۔ جن میں پرائیویٹ کاروں کی تعداد بیس لاکھ 70 ہزار ہے۔ دہلی میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی تعداد ایک کروڑ بیس لاکھ ہے۔ حالانکہ حکومت کی جانب سے پرانی گاڑیوں کے چلنے پر پابندی کی وجہ سے ان کی تعداد میں کچھ کمی آئی ہے۔ لیکن اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ دہلی میں تقریباً پونے چا رلاکھ کاریں اور سوا لاکھ ٹو وہیلر دہلی میں یومیہ داخل ہوتے ہیں۔ اتنی ہی گاڑیوں کی تعداد ہر سال رجسٹر کی جاتی ہے۔

    جب موسم سرما شروع ہوتا ہے تو ہوا میں جو گرد و غبار رہتا ہے اور پولیوشن پھیلانے والے جو اجزا ہوتے ہیں وہ حرکت نہیں کر پاتے اور ایک جگہ جم جاتے ہیں۔ جس کی وجہ سے موسم متاثر ہوتا ہے اور پولیوشن میں اضافہ ہوتا ہے۔ دہلی میں پولیوشن کی ایک وجہ ضرورت سے زیادہ آبادی ہے۔ جس کی وجہ سے ایئر پولیشن اور نوائز پولیوشن یعنی ہوا کی آلودگی اور آواز کی آلودگی بڑھی ہوئی ہے۔ مکانات کی تعمیر بھی پولیوشن کی ایک وجہ ہے۔ تعمیرات کے کام میں آنے والی اشیا جیسے کہ ریت وغیرہ جب ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جائی جاتی ہیں تو ان میں سے کچھ اڑتی بھی ہیں جس سے آلودگی بڑھتی ہے۔ سڑکوں کی تعمیر کا کام بھی چلتا رہتا ہے۔ اس سے بھی ہوا کا معیار خراب ہوتا ہے۔ صنعتوں اور کوڑا کرکٹ کی وجہ سے بھی ہوا خراب ہوتی ہے۔ ان میں دیوالی پٹاخے بھی اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ اس طرح دہلی میں آلودگی میں اضافے کی  متعدد وجوہات ہیں۔ اگر چہ حکومت ان وجوہات کو کم کرنے کی کوشش کرتی ہے لیکن اس کا خاطر خواہ نتیجہ برآمد نہیں ہوتا۔

    پولیوشن کی وجہ سے عوام کی صحت پر بہت برا اثر پڑتا ہے۔ ہر سال کی طرح امسال بھی دیوالی کی رات اور اس کے بعد کئی دنوں تک عوام کو زبردست پریشانیوں سے گزرنا پڑا۔ عام لوگوں کو اپنی آنکھوں میں جلن کا احساس ہوتا رہا۔ سانس لینے میں دشواری ہوتی رہی۔ چاروں طرف بارود کی بو پھیلنے کی وجہ سے پھیپھڑوں پر برا اثر پڑتا ہے۔ جن لوگوں کو دمہ کی شکایت ہے وہ سب سے زیادہ پریشان ہوتے ہیں۔ آلودگی میں اضافے سے دل کے امراض بڑھتے ہیں۔ اس سے خون متاثر ہوتا ہے جس سے دل پر برا اثر پڑتا ہے۔ ایک تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ ہوا کے خراب معیار کی وجہ سے بلڈ پریشر بڑھتا ہے جس سے دل کے دورے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس کے علاوہ کینسر کا خطرہ بڑھتا ہے۔ اعصاب متاثر ہوتے ہیں۔ شکم سے متعلق بیماریاں گھیر لیتی ہیں۔ گردہ اور لیور متاثر ہوتے ہیں۔ جلدی بیماریاں پیدا ہوتی  ہیں۔ اس طرح دیکھا جائے تو پولیوشن کی سطح میں اضافے سے انسان مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو جاتا ہے۔

    بہرحال آلودگی ایک عالمی مسئلہ ہے۔ اس سے بہت سی بیماریاں پھیلتی ہیں۔ حالانکہ ان میں سے کچھ بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔ لیکن پھر بھی ذرا سی بد احتیاطی ان بیماریوں کی چپیٹ میں پہنچا دیتی ہے۔ لوگوں کو چاہیے کہ وہ آلودگی سے متعلق ہونے والی بیماریوں کے بارے میں جانیں اور ان سے بچنے کے انتظامات کریں۔ احتیاطی تدابیر بہت کام آتی ہیں۔ اگر ان کو اپنایا جائے تو امراض سے بچا جا سکتا ہے۔ آج پوری دنیا میں آلودگی کے سلسلے میں بڑے پیمانے پر تشویش پائی جاتی ہے۔ عالمی سطح پر آلودگی کو کم کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ملکوں کے درمیان متعدد معاہدے اور سمجھوتے ہوئے ہیں۔ عالمی اداروں کی جانب سے ان ملکوں پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے جو زیادہ مقدار میں گیس خارج کرتے ہیں۔ متعدد احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔ لیکن اس کے باوجود اس پر قابو پانا مشکل ہو رہا ہے۔ اگر ہندوستان کی مرکزی اور دہلی حکومت نے اس سلسلے میں کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی تو وہ دن دور نہیں جب دہلی میں رہنے والا ہر شخص کسی نہ کسی مرض میں مبتلا ہو جائے گا اور پھر اس سے نجات کا کوئی راستہ نہیں ہوگا۔