Category: نقطہ نظر

  • دینی و عصری علوم میں ہم آہنگی کی ضرورت

    دینی و عصری علوم میں ہم آہنگی کی ضرورت

    یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ نوع انسانی کا بنیادی سرمایہ علم ہے جس پر اس کی تعمیر و خوشحالی کا انحصار ہے۔ یہ مبنی بر حقیقت ہے کہ گیتئی ہستی میں صرف اہل علم ہی ہیں، جنہیں ان کے چلے جانے کے بعد بھی ان  کی علمی ، فکری اور تحقیقی سرگرمیوں کو  یاد کیا جاتاہے ۔ علم انسان کو زندگی اور تابندگی عطا کرنے کے ساتھ خود شناسی، ت کا اہم تریں تقاضہخود آگہی، احساس ذمہ داری، خود مختاری اور آزادی فکر و نظر فراہم کرتا ہے۔ اس کے برعکس جہالت انسان کو مردہ اور دوسروں کا محتاج بنا کر خود مختاری و خودآگہی سے محروم کردیتی ہے اور اسے ذہنی و فکری غلامی اور پھر جسمانی وسیاسی غلامی میں مبتلا کردیتی ہے۔ ان پڑھ شخص مثبت سوچ و فکر اور تعمیری نظریات سے بھی محروم رہتا ہے۔

    یہ سچ ہے کہ علم انسان کی باطنی اور روحانی اصلاح و تربیت میں بنیادی رول ادا کرتاہے، حتی کہ زیور علم سے آراستہ فرد اور روح کو نفسانی خواہش کی غلامی اور مادّیت پرستی کی آلائشوں سے پاک کر دیتاہے تاکہ بندہ رضائے الٰہی کے مطابق اپنی زندگی گزار سکے۔ روح کی پاکیزگی کا آئینہ انسانی اخلاق ہیں کیوں کہ  باطن کی حالت کا اندازہ ظاہری اعمال سے لگایا جاسکتا ہے۔ اس لیے اسلامی نصابِ تعلیم میں حُسنِ اخلاق پر بہت زور دیا گیاہے۔ دراصل نظامِ اخلاق ہی فرد اور سماج کی عملی زندگی کی کامیابی یا ناکامی کا معیار ہے۔ اسلامی نصابِ تعلیم انسان کی اخلاقی زندگی کی تعمیر کرتا ہے اور اسے اس قابل بناتا ہے کہ وہ عملی زندگی میں معاشرے کا ایک مفید بااخلاق اور معزز فرد کہلاسکے۔

    صحیح معنوں میں علم و تحقیق سے  متصف فرد بلا ضرورت نت نئے فتنے اور غیر اخلاقی فلسفے پیش نہیں کرتا اور نہ ہی اخلاقی اقدار میں سے کسی میں خورد برد کرتا ہے۔ علم سے متصف فرد ہر شعبۂ زندگی میں اخلاق کو حکمراں بناتا ہے اور اس بات کی تعلیم دیتا ہے کہ معاملاتِ زندگی کی باگیں خواہشات، اغراض اور مصلحتوں کےبجائےاخلاقی پیمانوں پر استوار کی جائیں۔

    چنانچہ اسلامی تعلیمات بھی انسانیت سے ایک ایسے نظام زندگی کے قیام کا مطالبہ کرتی ہیں جو اچھی اور نیک اقدار پر قائم اور منکرات سے پاک ہو۔ گویا اسلامی نظام تعلیم کا تعلق اللہ اور بندے کے باہمی تعلق کے ساتھ انسانوں کے درمیانی تعلقات سے بھی ہے۔ اسلامی تعلیم تمام انسانی معاملات میں اخلاقی اصولوں کی روح کو رواں دواں دیکھنا چاہتی ہے۔ وہ رحم، عفوودرگزر اور خطا پوشی جیسے پسندیدہ اخلاق کا مظاہرہ کرنے والے بندے میں نیابت ِالٰہی کا رنگ دیکھنا چاہتی ہے۔ اس کے نزدیک صبر، شکر ، معرفت حق، عدل و انصاف،سچائی، راست بازی، امانتداری، رواداری، احسان، مساوات، اخوت اور تقویٰ پسندیدہ اخلاقی صفات ہیں۔ اچھی صفات کو زندگی کا جزو بنانا اور مذمومہ صفات سے دامن بچانا مومن کی شان ہے۔اسلامی تعلیمات کا لب لباب بھی یہی ہے کہ  بلند اخلاق شرف انسانی کی معراج اور آدمیت کے روحانی و اخلاقی حسن کو دوبالا کردیتی ہیں۔

    البتہ یہاں یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ اسلام نے علم کو ویدک مذہب کی طرح صرف برہمنوں تک محدود نہیں رکھا اور نہ ہی صرف طبقۂ اشرافیہ کو مستفید ہونے کا حق دیا ہے جیسا کہ قدیم دور کے سلاطین کا طریقۂ کار تھا بلکہ تعلیم کو جمہوری اور عوامی میراث بنا کر پیش کیا ہے اور ہر خاص و عام کو اسے حاصل کرنے کی ترغیب دی ہے۔اسلام نے علم کو زندگی اور جہالت کو موت سے تعبیر کیا ہے۔ یہ موت جسم و جان کی نہیں بلکہ فکر اور روح کی ہے۔  

    جب ہم عہد رسالت کے نظام تعلیم و تربیت  کا مطالعہ کرتے ہیں تو پتہ چلتا ہے کہ حضور نے جو تصورعلم کے متعلق دیا تھا اس نے اسلام کی شعوری اور فکری زندگی کو اپنے غیر متبدل راستے پر استوارکر دیا ہے اسلام کا نظام تعلیم ایک ایسا جامع نظام ہے جو ہم آہنگی کے ساتھ ایک مضبوط شخصیت کی تعمیر کرتا ہے۔ یہ تعلیم کا ایسا جامع و ہمہ گیر نظام ہے جو فرد کی کامل تعلیم پر زور دیتا ہے جس میں جسم، دماغ اور روح شامل ہیں۔ یہ انسانی روح میں نور الٰہی کا ایساشعلہ بھڑکا دیتا ہے جو زندگی کو حقیقی معنی عطا کرتا ہے اور منزل ِمقصود کے حصول کے لیے اسے ہمہ وقت جہدِ مسلسل کی مہمیز دیتا ہے۔  یہ زندگی کے ہر مرحلے میں مستقل ترقی اور آگے بڑھنےکے لیے مسلسل جدوجہد کی تاکید کرتا ہے۔ انسانی شخصیت کی نمو اور ترقی کا انحصار مستقل جدوجہد پر ہی موقوف ہے۔ اسلام کے مطابق انفرادی شخصیت کی تعمیر ایک مفروضہ نہیں بلکہ کامیابی ہے۔ یہ کامیابی معاشرے کی باطل قوتوں اور خود انسان میں موجود انتشار پھیلانے والے رجحانات کے خلاف جدوجہد اور انتھک کوششوں کا ثمر ہے۔  یہاں اس بات کی بھی وضاحت ضروری ہے کہ نظام تعلیم اور تعلیمی اداروں کے قیام کا تصور اور جو نظریہ ہمارے اکابر علماء، دانشوروں اور مفکرین نے ماضی میں پیش کیا ہے وہ بڑا جامع اور مکمل تھا ۔ ان اداروں میں نہ جدید و قدیم کے نام پر تفریق تھی اور نہ مشرق و مغرب کے نام پر کسی طرح کی تقسیم پائی جاتی تھی ۔ بلکہ صرف حصول علم کے نام پر ادارے قائم ہوتے تھے ان میں وقت و حالات کی ضرورت کے مطابق اسکالر اور اصحاب علم وفضل تیار کیے جاتے تھے ۔ مدرسہ نظامیہ بغداد کی نسبت اس کے بانی نظام الملک طوسی کی طرف ہے جو سلجوقی دور کا وزیراعظم تھا۔  شاہی سرپرستی میں چلنے والا یہ مدرسہ طلبہ اور اساتذہ کے لئے  ہر قسم کی سہولیات اور تمام علوم و فنون اور معارف و حکم کے حاصل کرنے کا شاندار مرکز و محور تھا ۔ اس ادارہ میں امام غزالی اور امام ابواسحاق شیرازی،  مجد الدین فیروزآبادی جیسے  اصحاب علم وفضل تدریسی خدمات انجام دیتے تھے ۔ ان حضرات کی متنوع فکر کا اندازہ ان کی علمی و تحقیقی خدمات سے لگایا جاسکتا ہے۔ اسی طرح سلطان محمود غزنوی نے حکم دیا کہ غزنی میں ایک عالی شان مسجد بنوائی جائے۔ چنانچہ ایک کثیر رقم خرچ کرکے ایک عالی شان مسجد تعمیر کی گئی جسے عروس الفلک (آسمانی دلہن) کا نام دیاگیا۔ اسی مسجد میں علوم نقلیہ و عقلیہ کی تدریس کے لیے ایک بہترین دارالعلوم تعمیر کرایا۔ یہاں پر کامل ترین علماء و فضلاء ایشیاء بھر کے طلبہ کو درس دیا کرتے تھے۔ یہ کالج ایشیاء بھر میں اپنی نظیر آپ تھا۔

    فاطمی امراء نے 358 ھ میں مصر فتح کیا تو قاہرہ کو اپنا مذہبی مرکز بناکر یہاں 359ھ میں جامع مسجد ازہر کی بنیاد رکھی۔ پہلے فاطمی خلیفہ العزیز باللہ نے اس میں ایک شاہی مدرسہ کھولا۔ جہاں پر منقولات اور معقولات کی تدریس کا اہتمام کیا جاتا تھا۔ بہت جلد یہاں پر اطراف و اکناف کے طلبہ جمع ہوگئے۔ جن کی تعلیم، کھانے پینے، رہائش اور دیگر سہولتوں کا مفت انتظام تھا۔ فاطمی امراء شیعہ تھے اور انھوں نے اس مدرسہ کو زیادہ تر سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا۔ لہٰذا جب صلاح الدین ایوبی نے مصر فتح کیا تو یہاں پر شافعی مذہب کے مطابق تعلیمات کو رواج دیا۔ یہ مدرسہ آج تک جامعہ ازہر کے نام سے قائم ہے اور یہ عالم اسلام کی سب سے بڑی اور قدیم یونیورسٹی کے طور پر جانی جاتی ہے۔ یہ بھی ملاحظہ کرتے چلیں کہ یورپ کے ملک اندلس (اسپین) میں جو مسلمانوں کے زیرنگین تھا قرطبہ اور غرناطہ علم و فن اور ارباب کمال کے بڑے مرکز بن گئے تھے۔ قرطبہ کی مشہور عالَم "جامع مسجد قرطبہ” میں خلیفہ الحکم ثانی نے جامعہ قرطبہ کے نام سے ایک بڑی یونیورسٹی قائم کی تھی۔ جہاں پر مفت تعلیم کا انتظام تھا، یہاں پر مشرق و مغرب کے جلیل القدر اساتذہ تدریس کی خدمت پر مامور تھے، اس یونیورسٹی کی عظمت کا اندازہ اس کے کتب خانہ سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے، جس میں چار لاکھ نادر کتابیں موجود تھیں اور اس کی صرف فہرست ہی چوالیس جلدوں پر مشتمل تھی–

    مذکورہ مدارس کی پیروی میں بعد میں بہت سارے مدارس کا قیام عمل میں آیا۔ چنانچہ نورالدین محمود بن زنگی نے دمشق اور حلب میں اور پھر صلاح الدین ایوبی اوراس کے خاندان نے مصر، دمشق اور یروشلم میں بڑی تعداد میں مدارس قائم کئے جن کی تفصیل المقریزی کی کتاب ”الخطط“ اور نُعیمی کی کتاب ”الدارس فی تاریخ المدارس“ میں دیکھی جاسکتی ہے۔

    (  ان اداروں کی تفصیل کے لیے دیکھیے: مضمون : اکرام اللہ جان قاسمی ، ( ڈاکٹر )ماہنامہ دارالعلوم ‏، شمارہ4، جلد: 89 ‏،صفر‏، ربیع الاول 1426ہجری مطابق اپریل 2005ء)

    یہاں یہ بات پورے وثوق سے کہی جاسکتی ہے کہ ماضی میں ہمارے اکابر نے جو ادارے اور مراکز علم قائم کیے تھے ان میں وسعت تھی۔ ان کے یہاں دینی و دنیوی علوم کے نام پر  کوئ تفریق نہیں برتی جاتی تھی ۔ جب سے دینی اور دنیوی اداروں کی شناخت ہونے لگی اور اسی مناسبت سے نصاب تعلیم مرتب کیا جانے لگا تب سے بہت سارے مسائل پیدا ہوئے ۔ عصری دانشگاہوں اوردینی اداروں میں اعتدال و امتزاج اور ہم آہنگی ختم ہوئی تو وہیں علمی روابط بھی کسی حد تک متاثر ہوئے اور پھر ہوا یہ کہ تعلیم کے نام پر ہم نے اپنے معاشرے میں دو محاذ تیار کرلئے۔  سچ بات یہ ہے کہ دونوں ہی افراط و تفریط کا شکار ہیں۔

    اگر ہم بات کریں عصری اداروں کی تو ان کے متعلق یہ کہنا مناسب معلوم ہوتا ہے کہ ان اداروں کے فارغین دین کی بنیادی اور اخلاقی تعلیمات سے پوری طرح ناآشنا ہوتے ہیں ،عیش پرستی پوری طرح غالب ہوتی ہے ۔ وہیں جب بات کرتے ہیں دینی اداروں کی تو پتہ چلتا ہے کہ  ان اداروں کے فضلاء سماجیات اور دیگر ضروری مضامین سے پوری طرح کورے ہوتے ہیں۔ اس لیے قدیم و جدید کی تفریق معدوم کرکے دونوں نظاموں میں بنیادی طور پر ہمیں امتزاج و ہم آہنگی اور توسع و رواداری  پیدا کرنے کی سخت ضرورت ہے ۔

    جب ہم مسلمانوں کے نظام تعلیم  اور ان کے علمی و تحقیقی کارناموں کا مطالعہ کرتے ہیں تو پتہ چلتا ہے کہ ماضی میں ہمارے اداروں سے جو افراد تیار ہوتے تھے نہ صرف وہ فکری طور پر متوازن اور توسع پسند ہوتے تھے بلکہ وہ متنوع و متعدد علوم و فنون کے ماہر بھی ہوتے تھے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ہمارے یہ مفکرین انہیں اداروں میں تعلیم حاصل کرتے تھے جہاں دینی تعلیم بھی ہوتی تھی ۔ 

    امام محمد بن محمد الغزالی آپ نے امام الحرمین ابوالمعالی عبدالملک الجوینی کے پاس مدرسہ نظامیہ بغداد میں پڑھا۔ فراغت کے بعداسی مدرسہ میں استاذ مقرر ہوئے اور ترقی کرتے کرتے صدر نشین کے درجہ تک پہنچ گئے۔ آپ نے فلسفہٴ یونان کا مطالعہ کیا جس کے نظریات اسلام سے متصادم تھے اور اس کی رد میں اپنی مشہور کتاب ”تہافة الفلاسفہ“ لکھی۔ آپ کی تالیفات میں سے احیاء علوم الدین، یاقوت التاویل (تفسیر قرآن چالیس جلدوں میں) اور تہافة الفلاسفہ مشہور ہیں۔

    ابوعلی حسین بن عبداللہ بن سینا  نے حفظ قرآن اور دینی علوم کے علاوہ ریاضی، منطق اور طبعیات کے ساتھ ساتھ طب و ادب میں کمال حاصل کیا۔ مختلف شاہی درباروں سے منسلک رہے اور شاہی کتب خانے استعمال کئے۔ سوسے زیادہ کتابیں لکھی ہیں جن میں ”الشفاء“  ”القانون“ صدیوں تک یورپ کے طبی کالجوں میں پڑھائی جاتی رہی ہیں۔

    ابوریحان محمد بن احمد البیرونی نے  مختلف علوم وفنون میں کمال حاصل کیا۔ کئی زبانوں میں مہارت حاصل کی عربی، فارسی، سنسکرت، ترکی، عبرانی اور یونانی زبانوں میں  دسترس حاصل کرکے ہیئت، طبعیات، جغرافیہ اور ریاضی میں عالمی سطح کی تحقیقات پیش کیں ۔ آپ کی تصانیف کی تعداد 113 بتائی جاتی ہے۔

    امام ابوبکر احمد بن حسین بیہقی  نے نیشاپور کے مدرسہ میں الحاکم ابوعبداللہ محمد بن عبداللہ نیشاپوری کے سامنے زانوئے تلمذ تہ کئے۔ آپ بلند پایہ مفسر، محدث، فقیہ اور علم اصول کے ماہر تھے۔ آپ کی تالیفات ایک ہزار جلدوں پر مشتمل ہیں۔ جن میں المبسوط فی فروع الشافعیہ، کتاب الکبیر اور دلائل النبوّہ مشہور ہیں۔

    یوسف بن عبداللہ بن عبدالبر نے  تمام علوم خصوصاً علم حدیث میں بلند مقام حاصل کیا۔ آپ کی تصانیف کی ایک لمبی فہرست ہے۔ یہ تصانیف سینکڑوں جلدوں پر مشتمل ہیں جن میں التمہید (ستّرجلدوں میں) الاستیعاب، جامع بیان العلم وفضلہ اور الانتقاء مشہور ہیں۔

    ان مثالوں سے اس بات کا اندازہ لگانا چنداں مشکل نہیں ہے کہ ہمارے یہاں جو تعلیم دی جاتی تھی اس میں کسی طرح کوئی تفریق نہیں ہے ۔ ایک ہی ادارہ ہوتا تھا اور اس ادارہ میں جن علوم و فنون کی سماج کو ضرورت ہوتی تھی یا جن علوم کا حاصل کرنا ضروری تھا ان پر علمی و تحقیقی کام بھی ہوتا تھا اور اسکالر بھی تیار کیے جاتے تھے ۔ مگر آج ہمارے یہاں جس طرح کا نصاب زیر تدریس ہے اس میں سماج سے وابستہ چیزیں تک نہیں ہیں اس لیے ہمیں اپنے اندر توسع اور تنوع دونوں پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔

    جس طرح آج قومی و معاشرتی ہم آہنگی ضروری ہے اسی طرح  عصری و دینی علوم و معارف میں ہم آہنگی بھی بے حد ضروری ہے۔ دینی اور عصری علوم کے نام پر جو تقسیم آج ہمارے معاشرے میں پائی جاتی ہے اس کی مخالفت علماء کا ایک طبقہ شروع ہی سے کرتا چلا آیا ہے ۔ چنانچہ اس بابت مولانا مناظر احسن گیلانی کا نظریہ پیش کرنا مناسب معلوم ہوتا ہے ۔ مولانا گیلانی علوم کی دین و دنیا کے نام پر جو تقسیم ہے اس کی عدم اہمیت پر بڑے بے باک انداز میں لکھتے ہیں :

    ” حکومت اور سوسائٹی دونوں میں صرف ان علوم و فنون کی وقعت ہے جن کا دین سے کوئی لینا دینا نہیں ، ایسی حالت میں بآسانی بجائے اس علمی فتنے کے جس کا تماشا دور حاضر میں ہم کررہے ہیں کہ تعلیم کے دو مستقل سلسلے ملک میں ایک ساتھ جاری ہیں ۔ ایک طرف جوامع و کلیات یونیورسٹیوں اور کالجوں کی تعلیم اور ان کے تعلیم یافتہ حضرات ہیں، اور دوسری طرف دینی مدارس و مکاتب اور ان کے پڑھے ہوئے علماء و فضلاء ہیں ، ہر ایک دوسرے کے علم و نقطہ نظر سے ناواقف ہے اور ان کو ناواقف بنا کر رکھا گیا ہے، لیکن اسی کے ساتھ علم کا دعویٰ دونوں کو ہے ، عوام ان کے ہاتھوں میں فٹ بال کی گیند بنے ہوئے ہیں، ایک نہ ختم ہونے والی کشمکش ہے جو جاری ہے، گویا ایک طبقہ عوام کی گردنیں پکڑ کر آگے کی طرف دھکیل رہا ہے، دوسرا ان ہی بیچاروں کا دامن پکڑ کر پیچھے کی طرف گھسیٹ رہا ہے، نتیجہ یہ ہے کہ علم کے دونوں نمائندے گھر کی اس منحوس لڑائی میں ذلیل ورسوا ہورہے ہیں، نہ ان کا اثر قائم ہوتا ہے، نہ ان کی بات چلتی ہے، مسلمانوں کو نہ دین پر عمل کرنے کا موقع ملتا ہے، نہ دنیا میں آگے بڑھنے کی توفیق میسر آتی ہے ” ( ہندوستان میں مسلمانوں کا نظام تعلیم و تربیت ، جلد اول، صفحہ 319-320)

    مولانا کے اس نظریہ اور فکر سے جو نتیجہ اخذ ہوتا ہے وہ یہ ہے کہ علوم کی تقسیم دین اور دنیا کے نام پر کرکے نوع انسانی کا بڑا نقصان کیا ہے۔  اس سے معاشرے میں اجنبیت اور غیر یقینی کی صورت حال  پیدا ہورہی ہے حالانکہ معاشرے میں یکجہتی اور ہم آہنگی پیدا کی جائے۔ علوم کی تقسیم دین اور دنیا کے نام پر نہ کرکے نافع اور غیر نافع کے نام پر کی جائے تو یقیناً اس کے نتائج معاشرے پر اچھے مرتب ہوں گے ۔ مولانا گیلانی صرف اسی بات کے قائل نہیں کہ علومِ کی تقسیم دین اور دنیا کے نام پر نہ کی جائے بلکہ ان کا لٹریچر پڑھنے کے بعد اندازہ ہوتا ہے کہ وہ ایک متحدہ نصاب  چاہتے تھے تاکہ معاشرے میں علم و فضل اور تحقیق و ریسرچ کے نام پر انتشار و افتراق کی کیفیت جنم نہ لے سکے ۔  اس تناظر میں اگر ہم موجودہ  تعلیمی اداروں کو دیکھتے ہیں تو پتہ چلتا ہے سماج میں دینی علوم اور دنیوی علوم کے نام پر ایک ایسی خلیج ہے جس کو پاٹنا آسان نہیں ہے۔  اس سے قومی ترقی اور سماجی بہبود میں لازمی طور پر رکاوٹ آتی ہے۔ اس کے مایوس کن نتائج صرف یہیں تک محدود نہیں رہتے ہیں بلکہ معاشرے میں بہت سارے فتنے اور اوہام و خرافات پیدا ہوجاتی ہیں جو انسانی حقوق اور قومی سلامتی کو بھی متاثر کرتی ہیں۔ اس لیے اب ضرورت ہے کہ قومی افتخار اور سماجی و معاشرتی اعتدال و توازن قائم کرنے اور علمی و فکری ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ان خطوط پر عمل کیا جائے جوتکثیری سماج کے لیے مفید و معاون ثابت ہوسکیں ۔

    مولانا مناظر احسن گیلانی کا امتیاز یہ بھی ہے کہ انہوں نے ہندوستانی تہذیب و تمدن اور یہاں کے مذہب و دھرم سے صرف واقفیت ہی پیدا نہیں کی بلکہ باہمی یگانگت و اتحاد ، قومی و بین الاقوامی تعلقات کو خوش گوار بنانے کے لیے  باقاعدہ ہندو دھرم اور دیگر ادیان پر بھی خامہ فرسائی کی ہے ۔ اس حوالے سے باقاعدہ اسلام اور ہندو دھرم کی بعض مشترک اقدار اور ہزار برس پہلے کے عنوان سے کتابیں لکھ کر اپنی وسعت فکر کا ثبوت بھی دیا ہے ۔ ہندو مذہب میں جن مصادر  کا کثرت سے مطالعہ کیا جاتا ہے وہ مہابھارت ہے۔  مولانا گیلانی  کی کتب کو پڑھنے سے اس بات کا بھی اندازہ ہوتا ہے کہ وہ سنسکرت ،عبرانی ، انگریزی اور دیگر زبانوں کے سیکھنے کے بھی پر زور حامی ہیں ۔ انہوں نے اپنی کتاب  ہندوستان میں مسلمانوں کا نظام تعلیم و تربیت میں اس بات کے شواہد بھی پیش کیے ہیں کہ ہمارے اکابر نے سنسکرت اور عبرانی زبانیں سیکھی ہیں ” ہندی علماء میں مجھے ایسے متعدد افراد نظر آتے  ہیں ، جنہوں نے عربی کے تعلیمی مروجہ نصاب کو ختم کرکے ہندوستان کی خاص علمی زبان سنسکرت میں بھی کمال پیدا کیا ہے ۔ مثلآ فاضل شیخ حیدری ان علماء میں ہیں جو باہر سے ہندوستان آئے ، ہندو پنڈتوں کے گروہ سے انہوں نے اہل ہند کے علوم سیکھے ، ان کی زبان سیکھی اور مدت تک انہی میں رہے اسی طرح شیخ عنایت اللہ نے بھی سنسکرت زبا ن میں مہارت حاصل کی ۔ (ہندوستان میں مسلمانوں کا نظام تعلیم و تربیت ، جلد اول صفحہ 230)

    ان تمام ثبوت و شواہد کی روشنی میں یہ بات پورے وثوق سے کہی جاسکتی ہے کہ آج ہمارے مدارس دینیہ کو بھی اس جانب توجہ دینی چاہیے کہ وہ ہندوستان میں بولی جانے والی زبان طلباء کو سکھائیں۔ مدارس کی بابت آج جو نفرتیں اور ان کے خلاف منظم سازشیں ہورہی ہیں اس کی ایک واحد وجہ یہ ہے کہ مدارسِ دینیہ کا سماج سے رشتہ استوار نہیں ہے ۔ کیونکہ  ہمارے زیادہ تر علمی و تحقیقی کارنامے عربی ، اردو ، یا پھر انگریزی میں ہیں۔ ہندی اور دیگر علاقائی زبانوں میں بہت کم دینی سرمایہ ہے، اس لیے برابر دوری بنی ہوئی ہے جس سے معاشرے میں امن و امان اور یکجہتی و ہم آہنگی کے بجائے افتراق و تشدد کی راہ ہموار ہورہی ہے جو  ہندوستان جیسے تکثیری سماج کے لیے نقصان دہ ہے ۔ تکثیری سماج میں ایک دوسرے کی تہذیب اور ثقافت سے واقفیت بہت ضروری ہے ۔

    آخر میں یہی کہنا مناسب معلوم ہوتا ہے کہ ہمیں اس جانب سوچنا ہوگا کہ جدید و قدیم کے نام پر جو خلیج اور تفریق ہے وہ نہ صرف غیر مناسب ہے بلکہ اس کے مایوس کن اثرات سماج پر مرتب ہورہے ہیں ۔ ایک طبقہ احساس کمتری میں مبتلا ہے تو وہیں دوسرا طبقہ احساس برتری میں ملوث ہے ۔ اس لیے ضروری ہے کہ معاشرے کی تعمیر و ترقی کے لیے ارتباط و روابط اور ایک دوسرے کو سمجھنے کی سبیل پیدا کی جائے۔ اسی کے ساتھ ساتھ دونوں محاذوں کو قریب لاکر ہم آہنگی کی راہ اختیار کی جائے۔

  • ریختہ: اردو کی وراثت یا کارپوریٹ مشینری؟

    ریختہ: اردو کی وراثت یا کارپوریٹ مشینری؟

    ریختہ ایک ایسا نام ہے جس نے پچھلی دہائی میں اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے عالمی سطح پر شہرت حاصل کی۔ ایک آن لائن پلیٹ فارم کے طور پر ریختہ نے اردو زبان، شاعری، ادب اور خطاطی کو ایک نئے انداز سے پیش کیا۔ خاص طور پر نوجوان نسل میں اردو کے لیے دلچسپی پیدا کرنے میں اس کا کردار اہم ہے۔ جشنِ ریختہ بھی اسی سلسلے کی ایک کامیاب کوشش ہے، جس میں اردو کے چاہنے والے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے جُڑ کر اس زبان کی خوبصورتی اور گہرائی کا  سالانہ جشن مناتے ہیں۔ لیکن جشنِ ریختہ 2024 اور اس کے اردگرد کے حالات پر نظر ڈالیں تو کئی ایسے پہلو سامنے آتے ہیں جو اردو کے اصل وارثوں اور شائقین کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔ ان مسائل میں اردو دانشوروں کی کم نمائندگی، اردو کو دیوناگری رسم الخط میں پیش کرنے کا رجحان، نجی اردو ناشرین کے اسٹالوں کی غیر موجودگی، اور ریختہ کا کارپوریٹ مزاج شامل ہیں۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا ریختہ اب بھی خالص اردو کا ادارہ ہے، یا یہ ایک ایسا منافع بخش کاروبار بن چکا ہے جو اردو کے جذبے کومحض تجارتی رنگ میں ڈھال رہا ہے؟

    جشنِ ریختہ میں اردو کے معروف ادیبوں، شاعروں، اور دانشوروں کی موجودگی کبھی اس کا مرکز ہوا کرتی تھی، لیکن حالیہ برسوں میں یہ رجحان کم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ اردو زبان کے اصل ماہرین، جو برسوں سے اس زبان کی ترویج میں مصروف ہیں، اب یا تو پس منظر میں چلے گئے ہیں یا ان کی جگہ ایسے فنکاروں نے لے لی ہے جن کی شہرت کارپوریٹ مارکیٹنگ کے ذریعے بڑھائی گئی ہے۔ یہ ایک تشویشناک امر ہے کیوں کہ  اردو کی ترقی اور فروغ صرف اُس وقت ممکن ہے جب اس کے اصل معماروں کو وہ مقام دیا جائے جس کے وہ حقدار ہیں۔ جشنِ ریختہ جیسے پلیٹ فارم پر اردو کے محققین، اساتذہ، اور ان لوگوں کو نظرانداز کرنا جو زمینی سطح پر کام کر رہے ہیں، اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ اب اس تقریب کا مقصد اردو زبان کا فروغ کم اور ایونٹ کا گلیمرائزیشن زیادہ ہو گیا ہے۔

    ریختہ کے پلیٹ فارم پر ایک اور تشویش ناک رجحان اردو ادب کو دیوناگری رسم الخط میں پیش کرنے کا ہے۔ اگرچہ یہ دلیل دی جاتی ہے کہ دیوناگری میں اردو کو شامل کرنے سے غیر اردو داں افراد بھی اردو ادب سے مستفید ہو سکتے ہیں، لیکن اس کے نتائج اردو کی اپنی شناخت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ اردو کی اصل پہچان اس کا رسم الخط ہے، اور اس کی جگہ کسی دوسرے رسم الخط کو دینا نہ صرف اردو کی تہذیبی جڑوں کو کمزور کرتا ہے بلکہ اس زبان کی ثقافتی وراثت کو بھی خطرے میں ڈال دیتا ہے۔ ریختہ کا یہ عمل درحقیقت اردو کی اصل روح کو دیوناگری کی گرفت میں ڈال رہا ہے، جو اردو کی موجودہ حالت کو مزید مشکل بنا سکتا ہے۔ اردو کو سمجھنے اور اس سے محبت کرنے کے لیے اس کے رسم الخط کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ ورنہ یہ خطرہ ہے کہ آنے والی نسلیں اردو کو صرف دیوناگری میں دیکھیں گی اور اس کے اصل جمالیاتی اور ثقافتی پہلو سے محروم رہ جائیں گی۔ ان ہی احساسات کے تحت اردو دانشوروں نے ریختہ کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اردو مواد کو دیوناگری رسم الخط میں تبدیل کرتے ہوئے ایک شفاف روایت قائم کریں۔ تجویز یہ تھی کہ ویب سائٹ اور مطبوعات دونوں جگہوں پر واضح طور پر یہ ذکر کیا جائے کہ ”اصل متن اردو رسم الخط میں لکھا گیا تھا، اور اسے فلاں نے دیوناگری یا رومن میں منتقل کیا ہے“۔ یہ وضاحت نہ صرف شفافیت کو فروغ دے گی بلکہ اردو ادب کی اصل روح کو بھی محفوظ رکھے گی۔ اس سے قاری میں اردو رسم الخط سیکھنے کی ترغیب پیدا ہوگی، کیوں کہ  اصل لطف تو اردو مواد کو اس کے حقیقی رسم الخط میں پڑھنے میں ہی ہے۔ دوسرا اہم فائدہ یہ ہوگا کہ مستقبل میں اگر کوئی اردو مواد کو دیوناگری رسم الخط میں ہونے کی بنیاد پر ہندی ادب کا حصہ ثابت کرنے کی کوشش کرے، تو یہ وضاحت اس کے دعوے کو کمزور کرے گی۔

    اردو اور ہندی کے درمیان فرق کو ختم کرنے کی کوششیں کافی عرصے سے جاری ہیں۔ لیکن اگر اردو رسم الخط کے تحفظ کے لیے دیوناگری میں ترجمہ شدہ مواد کے ساتھ اصل کا ذکر کیا جائے، تو اردو کی انفرادیت اور تہذیبی ورثہ محفوظ رہ سکتا ہے۔ یہ نہ صرف ایک زبان کے تحفظ کی حکمت عملی ہوگی بلکہ اس کے ادب اور تاریخ کے لیے ایک اہم اقدام بھی ثابت ہوگی۔ لیکن محسوس ہوا کہ ریختہ نے اس مشورے کو درخورِ اعتنا نہیں سمجھا۔

    جشنِ ریختہ 2024 کے ایک اور اہم پہلو پر غور کیا جائے تو نجی اردو ناشرین کی غیر موجودگی خاص طور پر تشویش کا باعث ہے۔ اردو کتابوں کے وہ ناشرین، جو برسوں سے اردو زبان کی خدمت میں مصروف ہیں، اس سال کے جشن میں نظر نہیں آئے۔ اس کی بنیادی وجہ جشن کے اسٹالز کی بھاری بھرکم فیس تھی، جو لاکھوں روپے کے آس پاس تھی۔ یہ فیس چھوٹے اور درمیانے درجہ کے اردو ناشرین کے لیے ناقابل برداشت ہے۔ نتیجتاً وہ اس جشن میں حصہ لینے سے محروم رہے۔ یہ صورت حال واضح طور پر ریختہ کے کارپوریٹ مزاج کی عکاسی کرتی ہے۔ ایک ایسے جشن میں، جس کا مقصد اردو زبان کا فروغ اور ترویج ہو تو اردو ناشرین کو مالی وجوہات کی بنا پر باہرکیوں رکھا گیا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ جشن کی انتظامیہ کا زور منافع کمانے پر زیادہ ہے اور اردو کے حقیقی خادمین کو ساتھ لے کر چلنے پر کم۔ اس سے نہ صرف اردو کتابوں کی تشہیر متاثر ہوئی بلکہ قارئین کو بھی محدود مواقع فراہم ہوں گے۔

    ریختہ، جو کبھی خالص اردو کی خدمت کے لیے ایک غیر منافع بخش تنظیم کے طور پر شروع ہوا تھا، اب ایک مکمل کارپوریٹ مشینری کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ اس کی مینجمنٹ ٹیم اب اتنی اہل ہو چکی ہے کہ اسے اردو والوں کے تعاون کی ضرورت ہی محسوس نہیں ہوتی۔ اردو کے چاہنے والے اور شائقین جو کبھی اس پلیٹ فارم کی جان تھے، اب صرف سامعین یا صارفین بن کر رہ گئے ہیں، جنہیں مختلف طریقوں سے مالی فوائد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ ریختہ کے مختلف ایونٹس میں شائقین کی شرکت کو ایک تجارتی موقع کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ ٹکٹوں کی فروخت، کارپوریٹ اسپانسرشپ اور دیگر تجارتی سرگرمیاں ریختہ کو ایک منافع بخش ادارہ بناتی جا رہی ہیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ اس منافع سے اردو کو کیا فائدہ ہو رہا ہے؟ کیا یہ سرمایہ اردو کے معیاری فروغ کے لیے استعمال ہو رہا ہے، یا صرف ایک کاروبار کو بڑھانے کے لیے؟

    یہ بات بھی قابل غور ہے کہ اردو کے شائقین اور اہلِ قلم نے خود بھی ریختہ جیسے پلیٹ فارمز کو ضرورت سے زیادہ اہمیت دی ہے۔ اگر اردو کے ماہرین اور چاہنے والے خود اپنے پلیٹ فارمز کو مضبوط کرنے پر توجہ دیتے تو شاید ریختہ کی کارپوریٹ شکل اتنی غالب نہ آتی۔ اردو کے وارثوں کو چاہیے کہ وہ ایسے پلیٹ فارمز کو تقویت دیں جو خالص اردو کی خدمت کے لیے کام کر رہے ہیں، بجائے اس کے کہ وہ مکمل طور پر ریختہ جیسے اداروں پر انحصار کریں۔

    ریختہ، خاص طور پر جشنِ ریختہ، اردو زبان کے فروغ کے لیے ایک اہم کوشش ہے، لیکن اس کا کارپوریٹ مزاج، دیوناگری رسم الخط کا بڑھتا ہوا استعمال، اردو ناشرین کی غیر موجودگی، اور اردو دانشوروں کی کم شمولیت اس کے اصل مقصد کو متاثر کر رہے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اردو کے چاہنے والے اور ماہرین مل کر اس بات کو یقینی بنائیں کہ اردو کی اصل روح اور وراثت محفوظ رہے۔ ریختہ کے منتظمین کو بھی یہ سمجھنا ہوگا کہ ان کی کامیابی اردو زبان اور اس کے چاہنے والوں کے بغیر ممکن نہیں۔ اگر ریختہ اردو کے حقیقی وارثوں اور دانشوروں کو مرکزی مقام دے، اور دیوناگری پر اردو رسم الخط کو فوقیت دے، تو یہ نہ صرف اردو زبان بلکہ خود ریختہ کے لیے بھی ایک بڑی کامیابی ہوگی۔

     

  • مدارس کے نصاب میں تبدیلی کا مسئلہ

    مدارس کے نصاب میں تبدیلی کا مسئلہ

    مدراس کے نصاب میں تبدیلیاں ہوتی رہی ہیں، مگر یہ سب جزوی تبدیلیاں ہی تھیں۔ پھر جب منتظمین کو اور خود فارغین مدارس کو بھی اس بات کا احساس ہوا کہ عالمیت و فضیلت کے بعد بھی بعض ایسے پہلوؤں میں ناپختگی رہ جاتی ہے جو جدید دنیا میں دعوت و تبلیغ کے تقاضے پورے کرنے کے لیے ضروری ہیں تو فارغین مدارس کے لیے عصری اداروں میں اعلیٰ تعلیم کی راہیں کھولی گئیں۔

    چنانچہ طلبہ  مدارس عالمیت و فضیلت سے فراغت کے بعد اندرون ملک مختلف یونیورسٹیوں کا رخ کرتے ہیں اور بیرون ممالک جامعہ ازہر اور ام القری جیسے اداروں میں تعلیم حاصل کرنے جاتے ہیں۔ ایک بڑی تعداد ان لوگوں کی بھی ہوتی ہے جو پروفیشنل کورسز کرتے ہیں۔ خود فارغین مدارس کی طرف سے ایسے ادارے بھی چلائے جا رہے ہیں جو مدارس کے طلبہ  کو فراغت کے بعد کمپیوٹر اور انگریزی زبان میں مہارتیں  پیدا کراتے ہیں۔ اس طرح دیکھا جائے تو فارغین مدارس کے لیے بہت سی راہیں کھلی ہوتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ فارغین مدارس تقریباً ہر شعبے میں نظر آتے ہیں اور دنیا کے ہر خطے میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

    مگر یہ بھی اپنی جگہ حقیقت ہے کہ اس معاملے میں جو کچھ بھی پیش رفت ہوئی ہے اور جو کچھ بھی اضافی کوششیں کی گئی ہیں وہ زیادہ تر عالم وفاضل طلبہ  کے لیے ہی ہوئی ہیں۔ ان کے لیے مختلف قسم کے کورسز ہیں، ان کے لیے وظائف بھی مقرر کیے گئے ہیں، مگر ابتدائی درجات ابھی تک بھی انتظامیہ کی بے توجہی کا شکار ہیں، حالانکہ ابتدائی درجات کی تعلیم پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے، اور یہ ضرورت آج مزید بڑھ گئی ہے۔ آج زیادہ ضروری چیز یہ ہے کہ دینیات کی ابتدائی تعلیم دینے والے مدارس و مکاتب کے نظام کو زیادہ فعال اور متحرک بنایا جائے، کیونکہ ابتدائی درجات کی تعلیم دینے والے مدارس و مکاتب ہی طلبہ  کو اس لائق بناتے ہیں کہ وہ عالم وفاضل بن سکیں۔

    بڑے مدارس کو طلبہ  کی مدد کہاں سے ملتی ہے؟

    بڑے مدارس کی طرف جو طلبہ  سال بہ سال رخ کرتے ہیں، ان میں سے زیادہ تر اپنے علاقائی مکاتب اور مدارس سے ہی آتے ہیں۔ تبلیغی جماعت کا پس منظر رکھنے والے بھی کئی طلبہ  مدارس میں آتے ہیں۔ اگر ابتدائی تعلیم فراہم کرنے والے مدارس و مکاتب نہ ہوں تو بڑے مدارس جیسے ندوہ، دیوبند، مظاہرالعلوم، سلفیہ، اشرفیہ اور فلاح و اصلاح کو اتنے طلبہ  نہیں مل سکیں گے جتنے انہیں فی الوقت مل رہے ہیں، جو کہ انہیں ہر سال بہت سے طلبہ  کو واپس کرنا پڑتا ہے۔

    لیکن ابتدائی تعلیم دینے والے مدارس و مکاتب کا حال یہ ہے کہ ان میں سال کی ابتداء میں اگر 100 بچے داخل ہوتے ہیں تو سال کے آخر تک نصف ہی رہ جاتے ہیں، بلکہ نصف سے بھی کم رہ جاتے ہیں۔ یعنی 60 سے 70 فیصد بچے درمیان ہی میں تعلیم چھوڑ دیتے ہیں، یا تو اسکول کی لائن پکڑ لیتے ہیں یا پھر تعلیم ہی منقطع کر دیتے ہیں۔

    تعلیم منقطع کرنے کی عام وجوہات:

    1۔ سب سے پہلی بات یہ ہے کہ مدارس میں زیر تعلیم طلبہ  کے والدین ان کے معاملے میں زیادہ حساس اور سنجیدہ نہیں ہوتے۔ ان کے سرپرستوں میں زیادہ تر کاشتکار، مزدور، اور چھوٹے کاروباری ہوتے ہیں، اور ان میں سے بیشتر تعلیم کے میدان کی زیادہ واقفیت نہیں رکھتے۔ جب واقفیت نہیں ہوتی تو وہ ان کی صحیح رہنمائی بھی نہیں کر پاتے۔ ان میں سے زیادہ تر سرپرستوں کو یہ نہیں پتہ ہوتا کہ ان کے بچے کیا پڑھ رہے ہیں اور کیسے پڑھ رہے ہیں۔

    اس کے برعکس، جو طلبہ  علمی گھرانوں سے آتے ہیں، وہ اگر کم محنت بھی کریں اور معمولی ذہانتیں رکھتے ہوں تو وہ تعلیم کے اگلے مراحل میں یا پھر تعلیم کے بعد والے مراحل میں زیادہ کامیاب ہو جاتے ہیں، کیونکہ ان کے والد، چچا، اور بھائی وغیرہ ان کی خبرگیری کرتے رہتے ہیں، قدم قدم پر ان کی رہنمائی کرتے ہیں، اور انہیں پتہ ہوتا ہے کہ ان کے بچے کا اگلا قدم کیا ہونا چاہیے۔ ان کی مسلسل نگرانی اور توجہ وسائل کی کمی کی بھی بھرپائی کر دیتی ہے۔

    2۔ سات آٹھ سال کی چھوٹی عمر کے بچے گھر بار اور والدین سے دور مدرسے کے سخت ماحول میں نہیں رہ پاتے۔ان چھوٹے بچوں کو اساتذہ اور منتظمین کی طرف سے سختیوں کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ کئی بار تو سختی کرنا انتظامیہ اوراساتذہ کی مجبوری بن جاتی ہے کیونکہ بچے شرارتیں ہی کچھ ایسی کرتے ہیں کہ اساتذہ کا صبر جواب دے جاتا ہے۔

    3۔ طلبہ  کے والدین ،سرپرست اور خود اہل مدرسہ انہیں زیادہ سہولتیں فراہم نہیں کرپاتے ،اس لیے وہ تعلیم منقطع کردیتے ہیں۔اگر آپ اپنے علاقے کے چھوٹے مدارس کا دورہ کریں تو آپ کو معلوم ہوگا کہ ان میں سے بہت سے طلبہ  ایسے بھی ہوتے ہیں کہ انہیں روز مرہ کی ضروریات کی چیزیں بھی میسر نہیں ہوتیں۔

    4۔ شاید سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ ان طلبہ میں سے زیادہ ترایسے ماحول سے آتے ہیں جہاں ان کی ابتدائی تعلیم وتربیت پر بالکل بھی توجہ نہیں دی گئی ہوتی ہے، پھر جب ان کے سامنے ایسی کتابیں آتی ہیں جو انہوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھی تھیں تووہ ماہ دو ماہ تو کوشش کرتے ہیں کہ وہ کتابیں کسی طرح ان کی گرفت میں آجائیں مگر جب کتابیں کسی طرح بھی ان کی گرفت میں نہیں آتیں تو وہ مدرسے سے بھاگ کھڑے ہوتے ہیں۔اسی طرح حفظ کے طلبہ  سبق اور آموختہ یاد نہ ہونے کی وجہ سے حافظ صاحب کی باربار مارکھاتے ہیں اور بالآخر تنگ آکر مدرسے سے بھاگ جاتے ہیں۔ بے شک حفظ کرنا آسان نہیں ہے اور یہ ہر طالب علم کے بس کی بات بھی نہیں ہے۔

    حفظ کے طلبہ  عموماً آٹھ سے دس سال کی عمر میں حفظ کرنے بیٹھتے ہیں اور دو ڈھائی سال سے تین چار سال کے عرصے میں حفظ کرلیتے ہیں، جبکہ بعض طلبہ  ایسے بھی ہوتے ہیں جو بہت زیادہ عمر کے ہوتے ہیں، تاخیر کے ساتھ حفظ میں بیٹھنے کی وجہ سے یا پھر باربار مدرسے تبدیل کرنے کی وجہ سے یا قوت حافظہ کی کمزوری کی وجہ سے وہ کئی کئی سال درجۂ حفظ ہی میں نکال دیتے ہیں۔ میں نے جس مدرسے میں حفظ کیا تھا اس میں دسیوں بچے ایسے تھے جن کی عمر بیس سال سے متجاوز تھی۔ ان میں کئی طلبہ  نے تو پانچ پانچ اور چھے چھے سال لگادیے اور پھر بھی ان کا حفظ پختہ نہیں ہوپایا۔ پھر اس دور میں جو بچے حفظ کرتے تھے وہ صرف حفظ ہی کرتے تھے، ایک گھنٹہ بھی ان کے لیے ایسا نہیں ہوتا جس میں وہ اردو ہندی اورانگریزی وغیرہ سیکھتے ہوں یا کم ازکم دینیات کا ہی سبق لیتے ہوں، سارا وقت حفظ کے لیے وقف ہوتا تھا۔ مگر آج کل اس میں کچھ تبدیلی آئی ہے اور حفظ کے طلبہ  بھی گھنٹے دو گھنٹے کے لیے دینیات کی تعلیم بھی لیتے ہیں اور ہندی وانگلش وغیرہ بھی سیکھتے ہیں اور یہ ہر طرح سے اچھی بات ہے۔

    میرے حفظ کے جو ساتھی تھے وہ بھی میری ہی طرح کسانوں کی اولاد تھے اور گاؤں دیہات کے غریب گھرانوں سے ان کا تعلق تھا، ان میں سے تقریبا اسّی فیصد طلبہ  عمرزیادہ ہونے کی وجہ سے، گھر کی مجبوریوں کی وجہ سے یا پھرآگے پڑھنے کا مزاج نہ بننے کی وجہ سے حفظ کے بعد عربی کلاسوں میں نہیں بیٹھ سکے اور اپنے اپنے گھروں کو لوٹ گئے۔اور اس حال میں لوٹے کہ وہ اٹھارہ بیس سال کی عمر کو پہنچ چکےتھے اور ان کے پاس کوئی ڈگری نہیں تھی، نہ آٹھویں کلاس کی اور نہ دسویں کلاس کی۔اس لیے وہ اوپن اسکولنگ سسٹم سے بھی نہیں جڑ سکے۔

    اگر یہ سب پہلو آپ کی نظر میں ہیں تو آپ یہ احساس کیے بغیر نہیں رہیں گے کہ حفظ پلس کے جو ادارے ’’شاہین گروپ‘‘وغیرہ کام کررہے ہیں وہ بہت غنیمت ہیں۔ اب یہ الگ بات ہے کہ ان اداروں سے بھی وہی بچے فائدہ اٹھاسکتے ہیں جنہوں نے کم عمر میں حفظ مکمل کرلیا ہو اور ان کے سرپرست ان کی مزید تعلیم کے بھاری اخراجات برداشت کرسکتے ہوں۔ غریب طلبہ  اکا دکا مثالوں کو اگر منہا کردیں تو ان میں سے زیادہ تر حفظ پلس کورس سے بھی فائدہ نہیں اٹھاسکتے۔

    مدارس کی مشکلات:

    ایسا نہیں ہے کہ مجھے مدارس کی مشکلات کا علم نہیں ہے۔ اگر بڑے مدارس کو منہا کردیں تو ملک میں پھیلے ہوئے بیشتر چھوٹے چھوٹے مدارس دونوں طرح کی مشکلات سے گزرتے ہیں، مالیاتی مشکلات سے بھی اور طلبہ  کی مطلوبہ تعداد نہ ملنے کی مشکلات سے بھی۔ یہ مدارس طلبہ  سے اسکولوں کی طرح بھاری فیس بھی نہیں لے سکتے کیونکہ اگر وہ فیس دے سکتے تو ان کے والدین انہیں اسکول ہی بھیجتے، مدرسے میں داخل نہیں کرتے، اس لیے یہ مدارس ہمیشہ مالی مشکلات سے گِھرے رہتے ہیں اور انہی مشکلات کی وجہ سے منتظمین خود اپنے مدرسے اور طلبہ  کے روشن مستقبل کے لیے کوئی بہت ٹھوس پیش بندی اور منصوبہ بندی کرنے سے بھی عاجز رہتے ہیں۔

    مدارس کا معاملہ کالجوں و یونیورسٹیوں کی طرح نہیں ہے جہاں دس دس سیٹوں کے لیے دس دس ہزار طلبہ  داخلہ امتحان میں بیٹھتے ہیں اور یونیورسٹیاں اربوں روپے کی کمائی صرف ایک جھٹکے میں ہی کرلیتی ہیں۔ پھر انہیں حکومت سے جو گرانٹس ملتی ہیں وہ الگ ہیں اور پھر آمدنی کے دوسرے ذرائع بھی ہوتے ہیں ان کے پاس۔اس لیے یہ کہنا بجا ہے کہ جودانشورحضرات یونیورسٹیوں سے وابستہ ہیں وہ کسی بھی قیمت پر اہل مدارس کے لیے صحیح اور مبنی بر انصاف فیصلے نہیں کرسکتے، الایہ کہ وہ مدارس سے نکل کر ہی وہاں پہنچے ہوں اور مدارس کا سارا انتظام وانصرام ان کا دیکھا بھالا ہو۔

    حفظ کے طلبہ  کے لیے چند گزارشات:

    1۔ درجۂ حفظ میں کسی بچے کو داخل کرنے کے لیے عمر کا خاص خیال رکھا جانا چاہیے، حفظ میں بیٹھنے والے طالب علم کی عمر کسی بھی صورت میں دس سال سے زیادہ نہ ہو۔ حفظ شروع کرنے کے لیے سات سے نو سال کی عمر بہت زیادہ موزوں ہے۔یہ عجیب بات ہے کہ حفظ کے درجات میں بعض طلبہ  آٹھ دس سال کی عمرکے ہوتے ہیں اور بعض اٹھارہ بیس سال کے بھی۔ کیونکہ حفظ میں بچوں کو داخل کرتے وقت ان کی عمر نہیں دیکھی جاتی اور نہ ہی یہ دیکھا جاتا ہے کہ یہ بچہ حفظ کرنے کے لائق ہے بھی یا نہیں۔

    جو طلبہ  حفظ میں نہیں چل پاتے انہیں بھی مارے باندھے کسی نہ کسی طرح مکمل حافظ بنانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ان کے والدین اور اساتذہ یہ دلیل رکھتے ہیں کہ چار پانچ پارے حفظ کرلیے ہیں، اب جیسے بھی ہواور خواہ کتنا بھی وقت لگے حفظ مکمل ضرور کرنا ہے، وہ اسے گناہ کی بات سمجھتے ہیں کہ ان کا بچہ دس پندرہ پارے حفظ کرکے چھوڑ دے، بھلے ہی اس نے دس پندرہ پارے ڈھائی تین سال میں ہی کیوں نہ کیے ہوں۔

    2۔ انہی بچوں کو حفظ میں بٹھایا جائے جو حفظ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ اگر حفظ کا کوئی طالب علم مغرب سے عشاء کے درمیانی وقت میں قرآن کے دو ڈیڑھ صفحات پختہ یاد کرکے سنادے تو اس کے بارے میں گمان یہی ہے کہ وہ حفظ کرنے کا اہل ہے۔ اس کے برعکس اگر کوئی طالب علم مغرب سے عشاء تک کے وقت میں صرف ایک یا آدھا صفحہ ہی یاد کرکے سنائے اور وہ بھی ٹھیک سے یاد نہ ہو تو اس کے بارے میں گمان یہی ہے کہ وہ حفظ کے لائق نہیں ہے۔ ہفتے بھر میں اس بات کا آسانی سے پتہ لگایا جاسکتا ہے۔ مگر مشکل یہی ہے کہ بیشتر مدارس کو طلبہ  کی ضرورت رہتی ہے اس لیے وہ کڑی شرائط نہیں لگاپاتے اورہر طالب علم کو حفظ میں بٹھالیتے ہیں۔

    3۔ حفظ کے ساتھ کم از کم دو گھنٹے ضرور نکالے جائیں جن میں انہیں زبانوں کی تعلیم تو کم ازکم دی ہی جانی چاہیے، تاکہ اگر وہ مدرسہ چھوڑ کر جائیں بھی تو اوپن اسکولنگ سے اپنی تعلیم کم از کم انٹرتک کی  مکمل کرسکیں۔

    4۔ حفظ کے طلبہ  کے ساتھ ایک مشکل یہ بھی ہوتی ہے کہ اگر وہ حفظ کے بعد عربی درجات بھی پڑھنا چاہیں تو ان کی عمر بہت زیادہ ہوجاتی ہے۔ عالمیت وفضیلت سے فارغ ہوتے ہوتے پچیس چھبیس سال کے ہوجاتے ہیں، اب خود ان کے اور ان کے سرپرستوں کے اندر مزید تعلیم حاصل کرنے کا حوصلہ نہیں رہ پاتا۔

    5۔ سرپرستوں کے لیےایک بہت ضروری بات یہ بھی ہے کہ چھوٹے بچوں کو دور دراز کے مدرسوں میں ڈالنے کے بجائے مقامی مدارس میں بٹھائیں، آپ کا بچہ صبح کو گھر سے نکلے اور سبق لے کر شام کو گھر لوٹ آئے، اس سے بہتر کوئی اوربات نہیں ہوسکتی۔ آٹھ دس سال کے بچوں کو گھرسے سیکڑوں میل دور ہاسٹل میں ڈالنا اور وہ بھی ایسے ہاسٹل میں جہاں سہولتیں بھی ناکافی ہوں، کسی طرح بھی مناسب نہیں ہے۔ اس سے بہتر کوئی بات نہیں ہے کہ چھوٹے بچے مقامی مدارس ومکاتب میں ابتدائی تعلیم حاصل کریں اور پھر اعلیٰ تعلیم کے لیے بڑے مدارس کا رخ کریں۔

    مدارس کے نصابِ تعلیم میں درکار تبدیلی:

    1۔ جیسا کہ اوپر بیان ہوا کہ حفظ میں منتخب بچے ہی رکھے جائیں،جو بچے حفظ میں چلنے کے لائق نہ ہوں، خود ان سے اوران کے والدین سے بات چیت کرکے، انہیں دینیات کے درجات میں بٹھایا جائے، دینیات کے درجات کا نصاب ایسا ہو کہ سال دو سال بعد اگر کچھ طلبہ  کسی مجبوری کی وجہ سے مدرسہ چھوڑ بھی دیں تو وہ مقامی اسکول میں ایڈمیشن لے سکیں۔ ان کی عمر بھی زیادہ نہ ہو اور اتنی صلاحیت بھی ہوکہ مطلوبہ کلاس میں داخلہ مل سکے۔

    2۔ اس سلسلے میں سب سے بہتر طریقہ یہی معلوم ہوتا ہے کہ دسویں / بارہویں تک ہرمدرسے کا نصاب اور پڑھانے کے طورطریقے اسکول کی طرح ہی رکھے جائیں۔ گورنمنٹ اسکول کے نصاب میں چند کتابیں کم کرکے دینیات کی چند کتابیں داخل کردی جائیں اور دسویں وبارہویں کے امتحان کسی بھی بورڈ سے دلوائے جائیں۔اگر اتنا نہیں کرسکتے تو کم از کم آٹھویں تک تو لازما یہی اسکول والا نصاب جزوی تبدیلی اور حذف واضافے کے ساتھ رکھا جائے۔ابتداء میں بے شک کچھ مشکلات آئیں گی مگر چند سالوں میں اس مشکل پر آسانی کے ساتھ قابو پایا جاسکتا ہے۔

    3۔ دسویں ، بارہویں کرنے کے بعد جو طلبہ کالج ویونیورسٹی کی طرف جانا چاہیں وہ ادھر چلے جائیں اور جو طلبہ  عالم وفاضل بننا چاہیں انہیں اسی مدرسے میں عالمیت کے درجے میں بٹھایا جائے، اگر مدرسہ چھوٹا ہو اور عالمیت کے درجات نہ ہوں تو ا نہیں بڑے مدارس میں داخل کیا جائے۔ میرا خیال ہے کہ اگر ان طلبہ  کی بروقت صحیح کونسلنگ کی جائے تو ان میں سے ساٹھ ستر فیصد طلبہ  ضرور بالضرور علم دین حاصل کرنا چاہیں گے۔

    اب فرض کریں کہ ان میں سے بعض طلبہ  اگر کسی مجبوری کی وجہ سے آگے کی تعلیم جاری نہ رکھ سکیں، نہ مدرسے کی اور نہ ہی یونیورسٹی کی توان طلبہ  کے پاس اتنی صلاحیت ضرور ہوگی کہ وہ زندگی میں سروائیو کرپائیں گے، چھوٹی موٹی جاب بھی کرنے کے اہل ہوں گے اور ناخواندہ لوگوں کے مقابلے میں اپنے کاروبار میں بھی بہتر کریں گے۔

    4۔ جب یہ طلبہ بارہویں کرلیں گے تب ان کی عمر یہی کوئی اٹھارہ، انیس سال کی ہوگی اور ان کے لیےعالم وفاضل بننے کے لیے پانچ چھے سال بہت کافی ہوں گے۔ جب یہ طلبہ  عالم وفاضل بن کر نکلیں گے تو دنیا کا ہر کورس اور دنیا کی ہر جاب کرنے کے اہل ہوں گے۔

    5۔ انہی دس بارہ سالوں میں جب اسکول جیسی تعلیم دی جارہی ہوگی، زبانیں سکھانے پر خاص فوکس کیا جائے، ہر طالب علم کو چار پانچ زبانیں آنی ہی چاہئیں۔یہ طلبہ  ہندی و اردو تو بہت آسانی سے سیکھ لیں گے، بس انگریزی و عربی زبان پر ذرا زیادہ فوکس کرنا پڑے گا، تاکہ وہ عالمیت وفضیلت کرنے کے لیے پوری طرح اہل ہوسکیں۔ پھر ان زبانوں کو پڑھانے کا طریقہ بھی جدید اورکامیاب طریقہ ہونا ضروری ہے۔

    6۔ عالمیت وفضیلت کے جو درجات ہیں ان میں اہل مدارس چاہیں تو ہلکی پھلکی تبدیلی کرلیں، یا نہ کرنا چاہیں تو نہ کریں ۔البتہ عالمیت کا جو طویل دورانیہ ہے اس میں سے دو تین سال کم کرنا مناسب رہے گا ۔ نحو و صرف کی اضافی کتابیں منہا کی جاسکتی ہیں ،اسی طرح فقہ کی بعض کتابیں بھی ۔ اس کے علاوہ جو مشکل کتابیں ہیں انہیں آسان کتابوں سے ضرور بدلنا چاہیےاوریہ تبھی ہوگا جب کتاب سے زیادہ فن کو اہمیت دی جائے گی ۔

    7۔ مدارس میں عالمیت کے بعد جو فضیلت وتخصص کے شعبے ہیں ، وہ شعبے اسی طرح یا نصاب میں جزوی حذف واضافے کے ساتھ فعال رکھے جاسکتے ہیں تاہم انہی شعبوں میں ’’تقابلِ ادیان‘‘  شعبے کا اضافہ بھی ضرور کیا جائے جس میں سنسکرت زبان سکھائی جائے اور ہندوستان میں جو مختلف مذاہب ہیں ان کی اہم اور بنیادی کتابیں بھی پڑھائی جائیں تاکہ وہ غیر مسلموں میں دعوت کا کام بحسن وخوبی کرسکیں۔ فضیلت وتخصص میں منتخب طلبہ  کو لیا جائے، ایسے طلبہ  کو جو کم عمر ہوں، محنتی ہوں اورذی استعداد بھی ہوں اور پھر ان کے گھر کی مالی پوزیشن بھی مستحکم ہو، تاکہ وہ مزید یکسوئی کے ساتھ علمی و دعوتی کام کے لیے خود کو وقف کرسکیں۔ مدارس میں اوپر کے شعبوں میں سب سے زیادہ فعال اسی شعبے کو ہونا چاہیے اور سب سے زیادہ وسائل بھی اسی شعبے کو حاصل ہونے چاہئیں،کیونکہ یہ وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔

    8۔ چھوٹے مدارس میں بھی اساتذہ کی تنخواہیں اچھی اور معیاری ہوں اور سہولتیں بھی اچھی ہوں تاکہ طالب علم اپنے مستقبل میں ایک استاذ کی حیثیت سے اپنا کرئیر بنانے کی کوشش کریں اور ان کے سرپرست،  دوست واحباب اور محلے کے لوگ ان کے بارے میں یہ رائے قائم کریں کہ سب سے اچھا پیشہ یہی تدریس کا پیشہ ہے۔ مدارس اور اہل مدارس کے تعلق سے جب تک خود مدارس کے تدریسی اسٹاف اور عام لوگوں کے اندر یہ احساس پیدا نہیں ہوگا کہ مدارس کے خدام کی زندگی بھی قابل رشک زندگی ہے، تب تک مدارس کو طلبہ  نہیں ملنے والے ہیں اور اگر ملیں گے بھی تو ایسے ہی ملیں گے جو غریب اورکمزوراور نادار ہوں گے،جو اسکول نہیں جاسکتے، جنہیں پڑھنے لکھنے کا کچھ بھی شوق نہیں ہوگا ، بس یونہی مارے کھینچے مدرسے میں پہنچائے گئے ہوں گے۔

    اس پورے معاملے میں سب سے اہم جو بات ہے وہ یہی ہے کہ مدارس کے طلبہ  فراغت کے بعد جب تدریس وامامت کے پیشوں سے وابستہ ہوں تو انہیں موجودہ زمانے کے حساب سے اچھی اورمعیاری تنخواہیں ملیں اور انہیں بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔ نہیں تو آج کل کے جو حالات ہیں اگر یہی حالات چلتے رہے تو بہت زیادہ وقت نہیں گزرے گا کہ نہ مساجد کے لیے امام میسر ہوں گے اور نہ مدارس کے لیے طلبہ  واساتذہ۔ اس پورے معاملے یہی سب سے بنیادی کام ہے مگر اسی پر سب سے کم توجہ ہے، خود اہل مدرسہ کی بھی اور قوم کے مخیر حضرات کی بھی ۔اگر تنہا یہی ایک چیز درست کرلی جائے تو دیگر بہت ساری چیزیں خود بخود اپنے ٹریک پر آتی چلی جائیں گی۔

    9۔ مدارس کے نصاب میں یہ جزوی تبدیلی اس لیے بھی ضروری ہے کہ قوم کے بے شمار بچے سرکاری اسکولوں میں پڑے برباد ہورہے ہیں، ان کے سرپرست خانگی اسکولوں میں بٹھانہیں سکتے کیونکہ فیس زیادہ ہوتی ہے اور سرکاری اسکولوں میں انہیں تعلیم نہیں ملتی۔سال کا کم وبیش نصف حصہ تو چھٹیوں میں ہی گزرجاتا ہے، کبھی ٹیچرس غائب رہتے ہیں تو کبھی طالب علم۔ اگر آپ گاوؤں ، و قصبوں میں مسلم محلوں کا سروے کریں تو آپ کو معلوم ہوگا کہ اسکولوں میں پڑھنے والے مسلمان بچوں کی کتنی بڑی تعداد برباد ہورہی ہے۔ پچاس ساٹھ فیصد بچے تو آٹھویں دسویں سے آگے ہی نہیں بڑھ پاتے اور جو تھوڑے بہت بچے لشتم پشتم کسی طرح انٹر کر بھی لیتے ہیں تو ان کے پاس ڈگری کی سواکچھ نہیں ہوتا، بلکہ بہت سارے بچے تو غلط صحبتوں میں پڑ کر برباد ہوجاتے ہیں۔ یہ بڑی تکلیف دہ صورت حال ہے مگر اس طرف کسی کا بھی دھیان نہیں جاتا۔اگر ہم سمجھتے ہیں کہ ہمیں اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں برباد ہونے سے بچانا ہے تو ہمیں اپنے مدرسوں میں لازماً وہ تعلیم دینی چاہیے جو وہ سرکاری اسکولوں میں حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

    10۔ ابتدائی تعلیم کے درست ہونے سے دیگر بہت سارے مسائل بھی از خود حل ہوجائیں گے۔ ایک تو جب طلبہ  کی بنیاد مضبوط ہوگی تو انہیں آگے کی تعلیم کا شوق پیدا ہوگا، پھر خود سرپرست بھی چاہیں گے کہ وہ اپنے بچوں کو مزید تعلیم دلائیں۔ پھر اگر ایسا ہوسکے کہ بڑے پیمانے پرسرکاری اسکولوں میں جانے والے طلبہ مدارس کی طرف آجائیں تو تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی اسلامی تربیت بھی ہوسکے گی اور پھر جب ان میں سے کچھ طلبہ  سولہ، سترہ سال کی عمر میں یونیورسٹیوں کا رخ کریں گے تو وہ الحادو دہریت کے اسٹروکس سے بھی کسی قدر محفوظ رہ پائیں گے۔

    11۔ وقت کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کے اندر بلکہ خود علماء کے اندر بھی جو کچھ بھی اور جیسی کچھ بھی تبدیلی آرہی ہے وہ آپ دیکھ ہی رہے ہیں۔ میری طرح آپ بھی یہ بات نوٹ کیے بنا نہیں رہ سکتے کہ اب مدارس کے اساتذہ ومنتظمین اور ائمہ مساجد بھی اپنے بچوں کو اسکول کی تعلیم دلارہے ہیں۔ یہ کیسی ستم ظریفی ہے یاوقت اور حالات کی مار کہیے کہ اہل مدارس تو گاؤں دیہات سے چھوٹے بچوں کو پکڑ پکڑ کر لائیں اور انہیں عالم وفاضل بنائیں لیکن جب وہ عالم وفاضل بن جائیں تو وہ خود اپنے بچوں کو مدارس میں نہ بھیج کر اسکولوں میں بھیجیں ، باوجود اس کے کہ ان کی آمدنی کم ہے اور اسکول کی تعلیم میں اخراجات بہت زیادہ ہیں اورجب کہ اسکول کی تعلیم کی بنسبت مدارس کی تعلیم میں اخراجات بہت کم ہیں۔

    ویسے میرا خیال تو یہ ہے کہ اس بات میں، یعنی علماء بھی اپنے بچوں کو اسکول کی تعلیم دلا رہے ہیں، کچھ زیادہ حرج بھی نہیں ہے کیونکہ یہ کوئی فرض وواجب تو نہیں ہے کہ عالم دین کے بچے بھی عالم دین ہی بنیں، وہ دوسرے علوم بھی حاصل کرسکتے ہیں اور دوسرے ذرائع سے پیسے کماکر اپنے والدین کی مدد کرسکتے ہیں۔ مگر یہ کہ اس سے مدارس کے خلاف ایک ذہنیت تو پیدا ہوتی ہی ہے کہ اگر مدارس کی تعلیم اتنی ہی اچھی ہے جتنی اچھی بتائی جاتی ہے تو علماء خود اپنے بچوں کو مدارس میں کیوں داخل نہیں کرواتے۔

    ان سب وجوہات کو دیکھتے ہوئے کم از کم مجھے تو پورا انشراح ہے کہ مدارس کے ابتدائی درجات کے نصاب میں جزوی تبدیلی خوشگوار نتائج پیدا کرے گی ۔اور یہ تبدیلی کسی طرح سے بھی کلی تبدیلی نہیں ۔

  • ’دریا سے سمندر تک‘ــــ فلسطین

    ’دریا سے سمندر تک‘ــــ فلسطین

    میں ’پین برطانیہ‘ اور جیوری کے اراکین کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ مجھے اس سال ’پین پنٹر‘ ایوارڈ کا حق دار قرار دیا گیا۔ اپنی گفتگو کا آغاز اس ’مینارۂ جرأت‘ کے نام سے کروں گی، جن کے ساتھ میں نے اپنا ایوارڈ بانٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔ علاء احمد عبدالفتح اس ایوارڈ میں میرے شریک ہیں۔ ہم پُرامید تھے اور دُعاکر رہے تھے کہ آپ اس سال ستمبر میں آزاد ہوں گے، لیکن مصر کی حکومت نے آخرکار یہی فیصلہ کیا کہ آپ اتنے ’شان دار‘ مصنّف اور ایسے ’خطرناک‘ مفکر ہیں کہ آپ کو آزاد کرنے کا خطرہ مول نہیں لیا جا سکتا۔ لیکن  آج اس ہال میں آپ ساتھ ہیں اور  یہاں پر موجود لوگوں میں سب سے اہم ہیں۔ آپ نے جیل خانے سے لکھ بھیجا ہے کہ ’’میرے الفاظ اثر کھو چکے ہیں، لیکن میں لکھ رہا ہوں ۔اگرچہ سننے والے چند ہی ہیں اور میں بول رہا ہوں ‘‘۔

    ہم سن رہے ہیں علاء، بہت غور سے!

    آپ سب جو یہاں آئے ہیں، آپ سب کو میرا سلام اور ان کو بھی جو حاضرین کو تو شاید نظر نہ آئیں، لیکن میری نظریں انھیں بالکل ایسے ہی دیکھ رہی ہیں، جیسے یہاں پر موجود لوگوں کو۔ میرا اشارہ ہندستانی جیلوں میں قید میرے دوستوں اور ساتھیوں کی طرف ہے، جن میں وکیل بھی ہیں، اور اساتذہ بھی، طلبہ بھی ہیں اور صحافی بھی۔ میں عمر خالد، گل فشاں فاطمہ، خالد سیفی، شرحبیل امام، رونا ولسن، سریندرا گیڈلنگ، مہیش راوت کی بات کر رہی ہوں۔ خرم پرویز میرے دوست! میں تم سے مخاطب ہوں۔ تم انتہائی خوب صورت لوگوں میں سے ایک ہو، لیکن جیل کی دیواروں نے تمھیں تین سال سے اپنے حصار میں لے رکھا ہے۔ عرفان مہراج میں تمھیں بھی یاد کر رہی ہوں اور ان ہزاروں خاک نشینوں کو بھی جو کشمیر یا ملک بھر کی جیلوں میں قید، متاعِ حیات لٹا رہے ہیں۔

    جب پین برطانیہ کی مہتمم اور پنٹر جیوری کی رکن، رُتھ بورتھویک نے اس اعزاز سے متعلق پہلی بار مجھ سے بات کی تو انھوں نے لکھا تھا کہ ’پنٹر پرائز‘ (Pinter Prize)ایسے مصنّفین کو دیا جاتا ہے جو ’’اٹل سچائی، غیرمتزلزل (unflinching)اور فکری عزم کے ساتھ ہماری زندگی اور معاشرے کی اصل حقیقتوں‘‘ کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔یہ بات ہرلڈ پنٹر نے نوبیل انعام کے حصول کے وقت تقریر میں کہی تھی۔

    ’غیر متزلزل‘ کے لفظ نے مجھے سوچ میں ڈال دیا کیوں کہ میں خود ہمیشہ متزلزل رہتی ہوں۔  میں ان دو الفاظ اٹل سچائی اور غیر متزلزل پر کچھ مزید بات کرنا چاہوں گی۔اس لفظ کی شاید سب سے بہتر وضاحت ہیرلڈ پنٹر نے ہی کی تھی:

    "میں 1980ء کے عشرے میں لندن کے امریکی سفارت خانے میں موجود تھا۔ امریکی کانگریس، ریاست نکاراگوا کے خلاف سرگرم مسلح باغیوں ‘کونٹراز‘ (Contras) کو مزید رقم کی فراہمی کے متعلق فیصلہ کرنے والی تھی۔ میں نکاراگوا کے نمائندہ وفد میں شامل تھا، لیکن ہمارے وفد کا اہم ترین حصہ ایک پادری جان میٹکاف تھے۔ امریکی کمیٹی کے سربراہ ریمنڈ سیٹز (Raymond Seitz) تھے (جو اس وقت نائب سفیر تھے، اور بعد میں سفیر بنے)۔پادری میٹکاف نے کہا،’جناب میں شمالی نکاراگوا کے ایک مذہبی حلقے کا منتظم ہوں۔ وہاں اہل علاقہ نے مل کر ایک اسکول، شفاخانہ اور پنچایت گھر تعمیر کیا تھا۔ ہم امن وسکون کے ساتھ رہتے آئے ہیں، لیکن کچھ مہینے پہلے باغیوں نے حملہ کر کے اسکول، شفاخانہ اور پنچایت گھر سمیت ہر چیز تباہ کر دی۔ انھوں نے نرسوں اور استانیوں کی آبروریزی کی اور ڈاکٹروں کو انتہائی دردناک طریقے سے ذبح کردیا۔ ان کا رویہ بالکل وحشیانہ تھا۔ آپ براہ مہربانی امریکی انتظامیہ سے درخواست کریں کہ وہ ان دہشت گردوں کی حمایت سے پیچھے ہٹ جائے۔

    ریمنڈ سیٹز ایک سلجھے ہوئے آدمی کے طور پر جانے جاتے تھے۔ سفارتی حلقوں میں ان کی بڑی عزّت تھی۔ انھوں نے یہ بات سنی، کچھ دیر خاموش رہے اور پھر گہری آواز میں بولے: ’پادری صاحب! آج میں آپ کو کچھ بتاتا ہوں۔ معصوم لوگ ہمیشہ سے جنگ کا ایندھن بنتے آئے ہیں۔‘ برف جیسی منجمد خاموشی کے ساتھ، ہم ان کی طرف دیکھتے رہے لیکن سفیر صاحب ذرا بھی ’متزلزل‘ نہ ہوئے۔

    یاد رہے امریکی صدر رونالڈ ریگن ان باغیوں کو’اخلاقی طور پر امریکی بانیانِ قوم کے ہم پلّہ‘ قرار دے چکے تھے اور یہ اصطلاح انھیں خاصی پسند تھی۔ انھوں نے افغان مجاہدین کے لیے بھی یہی اصطلاح استعمال کی تھی، جو پھر طالبان بن گئے۔ یہی طالبان امریکی قبضے کے خلاف بیس سالہ جنگ لڑنے کے بعد آج افغانستان میں حکمران ہیں۔ ان سے پہلے ایک جنگ ویت نام کی بھی تھی، جہاں پر وہی ’غیر متزلزل‘ امریکی نظریہ کارفرما تھا، جس کے تحت سپاہیوں کو کھلی اجازت تھی کہ ’ہر متحرک شے کو قتل کردو‘۔

    اگر آپ ویت نام میں امریکی جنگ کے اہداف سے متعلق ’پینٹاگون پیپرز‘ اور دیگر دستاویزات کا مطالعہ کریں تو آپ کو نسل کشی سے متعلق کئی مباحث میں یہ ’غیر متزلزل‘ عزم نظر آئے گا۔ ’لوگوں کو سیدھا سیدھا قتل کر دیا جائے یا انھیں آہستہ آہستہ بھوک پیاس سے سسکا سسکا کر مارا جائے؟ دیکھنے میں زیادہ اچھا کیا لگے گا؟ پینٹاگون میں موجود مینڈرینوں کا مسئلہ یہ تھا کہ ان کے بقول امریکی جو ’زندگی، خوش حالی، دولت اور طاقت ‘کے خواہش مند ہیں، ان کے برعکس ایشیائی لوگ ’بڑے پُرسکون طریقے سے املاک کی تباہی اور جانی نقصان کو قبول کر لیتے ہیں‘۔ جس کی وجہ سے امریکی مجبور ہوجاتے ہیں کہ ’اپنے اسٹریٹجک اہداف کو منطقی انجام یعنی نسل کشی تک پہنچا سکیں‘۔

    کون اتنا بھاری وزن بغیر ’متزلزل‘ ہوئے اٹھا سکتا ہے؟

    آج اتنے سال گزرنے کے بعد ہم دیکھ رہے ہیں کہ سال بھر سے ہمارے سامنے ایک اور نسل کشی (Genocide) جاری ہے۔ امریکہ  اور اسرائیل نسلی عصبیت کی بنیاد پر قائم نوآبادیاتی قبضے کو بچانے کے لیے غزہ اور لبنان میں اپنی ’غیر متزلزل‘ نسل کشی جاری رکھے ہوئے ہیں، جو ٹیلی ویژن پر براہِ راست دکھائی جا رہی ہے۔ اب تک سرکاری اعدادوشمار کے مطابق 42ہزار لوگ جاں بحق ہوچکے ہیں، جن میں سے اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے۔ ان میں ابھی وہ شامل نہیں، جن کی چیخیں کسی عمارت، محلے، بلکہ پورے شہر کے ملبے تلے دبی رہ گئیں اور جن کی باقیات کو ابھی ملبہ کھود کر نکالنا اور لاشوں کی گنتی میں شمار کرنا باقی ہے۔ ’آکسفام‘ (Oxfam)کی حالیہ تحقیق کے مطابق گذشتہ بیس برس کی کسی بھی جنگ کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ بچے غزہ میں مارے جا چکے ہیں۔

    نازی جرمنی کے ہاتھوں یورپی یہودیوں کی نسل کشی کے وقت لاتعلق رہنے والے امریکہ  و یورپ نے اپنے جذبۂ جرم کی تسکین کے لیے ایک اور نسل کشی کا میدان سجا دیا ہے۔

    تاریخ میں نسل کشی کی مرتکب ہونے والی ہر ریاست کی طرح اسرائیلی صہیونیوں نے بھی جو خود کو اللہ کے چنیدہ لوگ سمجھتے ہیں، فلسطینیوں کے قتل عام اور ان کی زمینوں پر قبضے سے پہلے ان کو انسانی مرتبے سے گرانے کی کوشش کی:

    • سابق اسرائیلی وزیر اعظم مناخم بیگن نے فلسطینیوں کو ’دو ٹانگوں والے درندے‘ قرار دیا۔
    • سابق اسرائیلی وزیراعظم اسحق رابن کے مطابق فلسطینی ’ٹڈیوں‘ کی مانند ہیں ’جنھیں کچلا جا سکتا ہے‘۔
    • گولڈامیئر نے فلسطینیوں کے انسانی وجود کا ہی انکار کرتے ہوئے کہا: ’فلسطینی نام کی کوئی مخلوق وجود نہیں رکھتی‘۔
    • فسطائیت کے خلاف لڑنے کی شہرت رکھنے والے مشہور سورما برطانوی وزیراعظم ونسٹن چرچل کا کہنا تھا کہ ’میں نہیں مان سکتا کہ کوئی کتا کھولی کا مالک بن سکتا ہے، چاہے جتنا عرصہ بھی وہ اس میں لیٹا رہے۔ کھولی کی حتمی ملکیت ایک ’اعلیٰ نسل‘ کے پاس ہی رہے گی‘۔

    چنانچہ ان ’دو ٹانگوں والے درندوں‘، ’ٹڈیوں‘، ’کتوں‘ اور ’عدم موجود لوگوں‘ کو قتل کرنے، کونوں کھدروں میں دھکیلنے اور ان کی ’نسل کشی‘ کے بعد ایک نیا ملک قائم کیا گیا: اسرائیل۔ خوشی سے نعرے لگائے گئے کہ ’بے وطن قوم کو بے آباد وطن مل گیا۔‘امریکہ  و یورپ نے ایٹمی ہتھیاروں سے لیس اسرائیلی ریاست کو مشرق وسطیٰ کی دولت اور وسائل پر قبضے کے لیے اپنی چھاؤنی کے طورپر استعمال کیا۔ اسے کہتے ہیں ’مفادات کا حسین امتزاج!‘

    چنانچہ، ہر جرم کے باوجود، اس نئی ریاست کی ’غیر متزلزل‘ اور ’بے جھجک‘ مدد کی گئی، اسے مسلح کیا گیا اور اس کی جیبیں بھری گئیں، اس کے نازنخرے اٹھائے گئے اور سراہا گیا۔ یہ ریاست اس بگڑے ہوئے بچّے کی طرح پروان چڑھائی گئی، جو امیر گھر میں پیدا ہو اور والدین اس کے ہرظلم و زیادتی پر فخر سے مسکراتے رہیں۔ چنانچہ آج اگر اسرائیلی فلسطینیوں کی نسل کشی پر کھلے عام فخر کرتے دکھائی دیتے ہیں تو حیرت کیسی؟(’پینٹاگون پیپرز‘ کو کم از کم خفیہ رکھا گیا تھا۔ یاد رہے کہ انھیں چُرا کر شائع کیا گیا)۔ اگر اسرائیلی سپاہی تہذیب کے تمام تقاضے فراموش کر چکے ہیں تو کیسا تعجب؟

    کیا یہ کوئی اَنہونی بات ہے کہ آج خواتین کو قتل یا بےگھر کرنے کے بعد ان کے زیریں جامے پہن کر گھٹیا وڈیوز سوشل میڈیا پر ڈالی جا رہی ہیں اور اسرائیلی فوجی، اپنے ہاتھوں مرتے ہوئے فلسطینیوں، زخمی بچوں اور آبروریزی و گھناونےتشدد کا شکار ہونے والے قیدیوں کی نقلیں اُتارتے دکھائی دیتے ہیں؟آپ کو ایسی وڈیوز بھی مل جائیں گی کہ اسرائیلی فوجی سگریٹ کا دھواں اُڑاتے یا موسیقی کی دھنوں پر ناچتے ہوئے عمارتوں کو بارود سے اڑاتے چلے جاتے ہیں۔ یہ کون لوگ ہیں؟

    اسرائیل کی ان حرکتوں کا کیا جواز ہوسکتا ہے؟

    اسرائیل اور اس کے اتحادیوں اور مغربی ذرائع ابلاغ کے مطابق:’یہ جواب ہے 7؍اکتوبر 2023ء کو حماس کے اسرائیل پر حملے، اسرائیلی شہریوں کا قتل اور اغوا کا‘۔

    اب یہ گفتگو کا وہ حصہ ہے جہاں مجھ سے توقع کی جائے گی کہ میں اپنی حفاظت کے پیش نظر، اپنی غیر جانب داری اور دانش وَرانہ صلاحیتوں کو ثابت کرنے کے لیے فریقین کو برابر ثابت کروں۔اپنی اخلاقی غیر جانب داری ثابت کرنے کے لیے اب مجھے حماس اور غزہ کی دیگر مسلح تنظیموں، لبنان اور حزب اللہ کی مذمت کرنی ہو گی کہ انھوں نے شہریوں کو قتل و اغوا کیا۔ پھر مجھے غزہ کے شہریوں کو بھی ڈانٹنا پڑے گا کہ وہ حماس کے حملے پر خوش کیوں ہوئے؟ یہ سب کرنے کے بعد ہر شے آسان ہو جاتی ہے۔ چھوڑیں جی دفعہ کریں، جب سب ایک جیسے ہیں تو ہم کیا کر سکتے ہیں؟

    لیکن میں اس مذمتی کھیل کا حصہ نہیں بنوں گی۔ میرا نقطۂ نظر بڑا واضح ہے۔ مظلوم خود پر ہونے والے ظلم کے خلاف مزاحمت کیسے کرے اور اس کا اتحادی کون ہو، یہ فیصلہ کرنا میرا کام نہیں۔

    امریکی صدر جو بائیڈن نے 2023 میں دورۂ اسرائیل کے دوران اسرائیلی وزیراعظم اور جنگی کابینہ سے ملاقات کرتے ہوئے کہا تھا: ’صہیونی ہونے کے لیے یہودی ہونا ضروری نہیں۔ میں بھی صہیونی ہوں‘۔

    صدر بائیڈن کے برخلاف جو خود کو ‘غیر یہودی صہیونی‘ سمجھتے ہیں اور بالکل ’غیر متزلزل‘ طریقے سے جنگی جرائم کے لیے اسرائیل کو ہتھیار اور پیسہ فراہم کر رہے ہیں، اُنھیں دیکھتے ہوئے میں خود کو کسی ایسے خول میں محدود نہیں کروں گی، جس میں میرے لکھے ہوئے الفاظ نہ سما سکیں۔ میں وہی ہوں جو میں لکھتی ہوں اور وہی لکھتی ہوں، جو سو چتی اور دیکھتی ہوں۔

    مجھے اس حقیقت کا پوری طرح احساس ہے کہ بطور ایک مصنف، بطور ایک غیر مسلم اور بطور ایک خاتون، میرا حماس، حزب اللہ یا ایرانی حکومت کے زیر اثر زندہ رہنا بہت مشکل یا شاید ناممکن ہو۔ لیکن فی الوقت یہ ہمارا موضوع ہی نہیں ہے۔ ہمیں اس تاریخ اور سیاق و سباق کو سمجھنا ہوگا، جس کے تحت یہ گروہ وجود میں آئے۔ فی الوقت اہم بات یہی ہے کہ یہ سب ایک نسل کشی کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں۔ ہمیں خود سے یہ پوچھنا چاہیے کہ آیا کوئی لبرل اور سیکولر فوج، نسل کشی کے اس بدمست ہاتھی کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے؟ کیوں کہ  جب دنیا کی تمام طاقتیں ایک قوم کے خلاف ہوں تو وہ اپنے دفاع کے لیے خدا سے رجوع نہ کرے تو کیا کرے؟

    مجھے معلوم ہے کہ ایرانی حکومت اور ’حزب اللہ‘ کے بہت سے ناقدین ان کے اپنے ملکوں میں بھی موجود ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ بہت سے جیلوں میں اس سے بھی برے حالات کا سامنا کر رہے ہوں۔ مجھے یہ بھی معلوم ہے کہ حماس کے کچھ اقدامات جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں، مثلاً 7؍اکتوبر کو عام شہریوں کا قتل و اغوا لیکن پھر بھی اس کا موازنہ اس سب سے نہیں کیا جاسکتا، جو اسرائیل اور امریکہ  غزہ، مغربی کنارے اور اب لبنان میں کر رہے ہیں۔ فلسطینی زمینوں پر اسرائیلی قبضہ اور فلسطینیوں کی غلامی 7؍اکتوبر سمیت اس سارے فساد کی جڑ ہے۔ یاد رکھیے، اس مسئلے کا آغاز 7؍اکتوبر 2023ء کو نہیں ہوا۔

    میں یہاں اِس ہال میں موجود تمام سامعین سے یہ سوال پوچھتی ہوں کہ ہم میں سے کتنے اس ذلت آمیز زندگی کو قبول کرنے پر رضامند ہوں گے، جو فلسطینی کئی عشروں سے گزار رہے ہیں؟ کون سے پُرامن راستے ہیں، جو فلسطینیوں اور ان کی قیادتوں نے نہیں آزمائے؟ گھٹنوں کے بل گر کر مٹی چاٹنے کے علاوہ کون سا سمجھوتہ ہے، جو انھوں نے قبول نہیں کیا؟

    اچھے سے سمجھ لیجئے اور جان لیجیے کہ اسرائیل اپنے دفاع کی کوئی جنگ نہیں لڑ رہا ہے، بلکہ  اسرائیل جارحیت مسلط کرنے کی لڑائی لڑ رہا ہے تا کہ مزید فلسطینی زمینوں پر قبضہ کر سکے، اپنی نسلی عصبیت کے نظام کو مزید مضبوط کر سکے اور فلسطینی عوام اور خطے پر اپنی گرفت مضبوط تر کر سکے۔

    7؍ اکتوبر سے جاری جنگ میں ہزاروں لوگوں کو جان سے ماردینے کے ساتھ ساتھ اسرائیل، غزہ کی اکثریتی آبادی کو کئی دفعہ دربدر کر چکا ہے۔ اس نے ان کے ہسپتالوں پر حملے کیے ہیں۔ ڈاکٹروں، امدادی کارکنوں اور صحافیوں کو جان بوجھ کر نشانہ بناتے ہوئے قتل کیا ہے۔ ایک پوری قوم کو بھوکوں مارا جا رہا ہے کہ ان کی تاریخ ہی مٹ جائے۔ دنیا کی امیر ترین اور طاقت ور ترین حکومتیں اور ان کے ذرائع ابلاغ اخلاقی و مادی سطح پر پوری طرح ان سارے مظالم میں شامل ہیں۔ ان میں میرا وطن ہندستان بھی شامل ہے، جو اسرائیل کو ہتھیار اور ہزاروں کارکن فراہم کرتا ہے۔

    یہ سب ممالک اسرائیل کے ساتھ یک جان دو قالب ہوچکے ہیں۔ گذشتہ صرف ایک سال میں امریکہ  اسرائیل کو17.9 بلین ڈالر کی فوجی امداد بھیج چکا ہے۔ چنانچہ اب مناسب ہے کہ امریکی اس جھوٹ کا لبادہ اتار دیں کہ وہ ’ثالث ہیں‘، ’جنگ کے مخالف ہیں‘ ،یا جیسا کہ انتہائی بائیں بازو کا حصہ سمجھی جانے والی الیکسینڈرا اوکاسیو کورٹیز کا کہنا ہے کہ ’ہم جنگ بندی کے لیے سر توڑ کوششیں کررہے ہیں‘۔ مَیں برملا کہوں گی کہ جو فریق بذاتِ خود نسل کشی میں شامل ہو وہ ہرگز ثالث نہیں ہوسکتا۔

    دنیا کی ساری طاقت، سارا پیسہ، سارے ہتھیار اور سارا پروپیگنڈا مل کر بھی اس زخم کو چھپا نہیں سکتے، جسے ہم فلسطین کہتے ہیں۔ اس زخم سے تمام انسانیت کا خون رِس رہا ہے۔

    سلامتی کونسل میں رائے شماری کے مطابق جو ممالک اسرائیلی نسل کشی کو ممکن بنا رہے ہیں، ان کی اکثریتی آبادی اس کے خلاف ہے۔ ہم نے ان ممالک میں مسلسل لاکھوں احتجاج کرنے والوں کے مظاہرے دیکھے ہیں۔ ان میں نوجوان یہودیوں کی وہ اکثریت بھی شامل ہوتی ہے، جو اسرائیل کی سرپرستی کے لیے گھڑا جانے والا جھوٹ سن سن کر اور کسی کے ہاتھوں استعمال ہوہو کر  تنگ آ چکی ہے۔ کیا کبھی کسی نے سوچا تھا کہ ایک دن جرمن پولیس، یہودیوں پر ہی ’یہوددشمنی‘ کا الزام لگاکر انھیں صہیونیت اور اسرائیل کے خلاف مظاہرے میں گرفتار کرے گی؟ کس نے سوچا تھا کہ امریکی حکومت، اسرائیل کی خدمت میں یہاں تک چلی جائے گی کہ اسے آزادیٔ اظہار کے اپنے بنیادی اصول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فلسطین پسند نعروں پر پابندی لگانا پڑے؟ کچھ استثنائی صورتوں کے علاوہ ساری مغربی دنیا کے اخلاقی اصول آج باقی دنیا کے لیے ایک خوفناک لطیفہ بن چکے ہیں۔

    اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے جب دنیا کے سامنے ’دریا سے سمندر تک اسرائیل‘ کا وہ نقشہ لہرایا، جس میں فلسطین سرے سے موجود ہی نہیں، تو دنیا ان کے آگے بچھی دیکھی گئی ہے کہ کیسا بابصیرت آدمی ہے جو یہودیوں کے قومی وطن کے لیے جدوجہد کر رہا ہے۔

    دوسری طرف جب فلسطینی یا ان کے اتحادی ’نہر سے بحر تک‘ کا نعرہ لگاتے ہیں تو انھیں الزام دیا جاتا ہے کہ وہ کھلے عام یہودیوں کی نسل کشی کا اعلان کر رہے ہیں۔

    کیا واقعی ایسا ہے؟ یا انھیں اپنا خبث باطن دوسروں میں دکھائی دے رہا ہے؟ یہ کیسی ذہنیت ہے، جو تنوع برداشت نہیں کر سکتی؟ جو ایک ملک میں دوسروں کے ساتھ برابری کی سطح پر مساوی حقوق کےساتھ رہنے کے لیے تیار نہیں؟ کیا ساری دنیا اسی طرح رہتی ہے؟ یہ وہ ذہنیت ہے جو قبول نہیں کرسکتی کہ فلسطینی بھی جنوبی افریقہ ، ہندستان اور نوآبادیاتی چنگل سے آزاد ہونے والے دوسرے ممالک کی طرح آزاد زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔ ایسے ممالک کی طرح جو متنوع آبادی کے حامل ہیں، چاہے کئی بنیادی مسائل سے دوچار ہوں، لیکن آزاد ہیں۔ جب جنوبی افریقہ کے باشندے اپنا مشہور نعرہ ’عوام زندہ باد‘ لگایا کرتے تھے تو کیا وہ گورے لوگوں کی نسل کشی کا اعلان کر رہے تھے؟ ہر گز نہیں۔ وہ نسلی عصبیت پر مبنی حکومتی نظام کا خاتمہ چاہتے تھے اور آج یہی مطالبہ فلسطینیوں کا ہے۔

    جو جنگ اب شروع ہوئی ہے، یہ بہت تکلیف دہ ہوگی۔ لیکن اس کا خاتمہ اسرائیل میں نسلی عصبیت کے خاتمے کے ساتھ ہوگا۔ یہودیوں سمیت سب کے لیے، پوری دنیا پہلے سے زیادہ محفوظ ہو گی اور دنیا میں انصاف ہوگا۔ ہمارے دلوں سے آخرکار یہ کانٹا نکل جائے گا۔

    اگر امریکی حکومت اسرائیلی حمایت سے دست بردار ہو جائے تو آج ہی یہ جنگ ختم ہوجائے گی۔ ابھی اسی لمحے سب قتل و غارت گری بند ہو جائے گی۔ اسرائیلی مغوی اور فلسطینی قیدی آزاد ہوں گے۔ حماس اور دیگر فلسطینی نمائندوں کے ساتھ جو مذاکرات جنگ کے بعد ہونے ہیں وہ ابھی ہوسکتے ہیں اور یوں لاکھوں لوگوں کو تکلیف اور تباہی سے بچایا جا سکتا ہے۔ کیسی دردناک بات ہے کہ کچھ لوگوں کے لیے یہ امکان ہی ناقابلِ تصوّر ہے کہ انھیں اس پر ہنسی آئے گی!

    علاء عبدالفتح! اختتام پر میں پھر تمھاری طرف آؤں گی۔ میں تمھاری کتاب تم ابھی ہارے نہیں (Not Yet Been Defeated)کا ذکر کروں گی، جو تم نے جیل میں لکھی ہے۔ ہار اور جیت کے معنی سے متعلق ایسے خوب صورت الفاظ میں نے اور کہیں نہیں پڑھے، نہ میں نے کسی اور کو یوں مایوسی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالے دیکھا ہے۔ میں نے کم ہی ایسا کام دیکھا ہے جس میں ایک شہری اپنی ریاست، اپنے جرنیلوں، اور(قاہرہ کے التحریر) چوک کے ان نعروں سے اس قدر واضح انداز میں الگ کھڑا نظر آتا ہے:

    مرکز میں کھڑے ہونا بغاوت ہے کیوں کہ  مرکز کی جگہ صرف جرنیل کے لیے ہے۔

    مرکز بغاوت کی جگہ ہے اور میں کبھی باغی نہیں رہا۔

    وہ ہمیں کناروں کی طرف دھکیل کر خوش ہیں، لیکن وہ نہیں جانتے کہ ہم مرکز سے ہٹے نہیں، بس کچھ دیر کے لیے کھو گئے تھے۔

    ووٹوں کے ڈبے، محل سرا، وزارتیں، قید خانے یہاں تک کہ قبریں بھی اتنی کشادہ نہیں ہیں کہ ان میں ہمارے خواب سما سکیں۔

    ہم نے کبھی مرکز میں ہونا نہیں چاہا کیوں کہ  یہ اپنے خوابوں سے منہ موڑنے والوں کی جگہ ہے۔ یہاں تک کہ وہ چوک بھی ہمارے لیے کافی نہیں تھا۔ اس لیے ہم نے انقلاب کی جنگ اس سے ہٹ کر لڑی اور ہمارے اکثر ہیرو منظر سے باہر رہے۔

    غزہ اور لبنان کی جنگ ایک علاقائی جنگ میں تبدیل ہونے کو ہے اور اس کے ہیرو بھی منظر سے باہر ہیں۔ لیکن وہ لڑ رہے ہیں کیوں کہ  وہ جانتے ہیں کہ ایک دن ’دریا سے سمندر تک، فلسطین آزاد ہو گا‘ (From the River to the Sea – Palestine will be Free)اور یہ ہوکر رہے گا۔

    اپنی نظریں گھڑیوں پر نہیں، کیلنڈر پر رکھیں۔ کیوں کہ  اپنی آزادی کے لیے لڑنے والے عوام، یہاں پر میں جرنیلوں کی بات نہیں کر رہی، بلکہ عوام کی کر رہی ہوں اور عوام اسی طرح اپنے وقت کا فیصلہ کرتے ہیں۔

  • ایمرجنسی کے دوران آر ایس ایس کے معافی نامے

    ایمرجنسی کے دوران آر ایس ایس کے معافی نامے

    قربان علی

    ہندوستان میں آر ایس ایس اور بی جے پی کے رہنما 25 جون 1975 کو اندرا گاندھی کی حکومت کی طرف سے ایمرجنسی کے نفاذ کو "آئین کا قتل” قرار دیتے ہیں اور دعویٰ کرتے ہیں کہ آج ملک میں جمہوریت زندہ ہے کیونکہ ‘حکومت چلانے والے رہنما (آر ایس ایس-بی جے پی سے)  منسلک وہ لوگ ہیں جنہوں نے ایمرجنسی کے خلاف آزادی کے لیے جدوجہد کی۔  وہ لبرل جمہوری اقدار کے پابند ہیں، مجبوری میں نہیں بلکہ اصول کے طور پر۔  ان کے یہ دونوں دعوے سراسر جھوٹے ہیں۔  سچ تو یہ ہے کہ اندرا گاندھی کے جابرانہ دور میں آر ایس ایس نے پوری طرح ہتھیار ڈال دیے تھے اور اندرا گاندھی اور ان کے بیٹے سنجے گاندھی کی مکمل وفاداری کے ساتھ حمایت کرنے کی تحریری یقین دہانی کرائی تھی۔  معافی نامہ پر دستخط کرنے اور 20 نکاتی پروگرام کو نافذ کرنے کی یقین دہانی کے بعد آر ایس ایس کے بہت سے ‘سوئم سیوک’ جیل سے رہا ہوئے۔

    وزیر اعظم اندرا گاندھی نے 25-26 جون 1975 کی درمیانی شب ملک میں ایمرجنسی (اندرونی ایمرجنسی) کا اعلان کیا تھا۔یہ ایمرجنسی 19 ماہ تک نافذ رہی۔  اس دور کو ہندوستانی جمہوریت کے سیاہ دنوں کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔  اندرا گاندھی نے کہا کہ "جے پرکاش نارائن نے فوج اور مسلح افواج سے اپیل کی تھی کہ وہ حکومت کے ‘غیر قانونی’ احکامات کو نہ مانیں۔ اس سے ملک میں انتشار کی صورتحال پیدا ہوگئی اور ہندوستانی جمہوریہ کا وجود خطرے میں پڑ گیا۔ آر ایس ایس کے پاس آئین کے آرٹیکل 352 کے تحت ایمرجنسی کا اعلان کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا کہ اس نے اندرا گاندھی کی طرف سے اعلان کردہ ایمرجنسی کا بہادری سے سامنا کیا اور اس دور کی بہت سی کہانیاں ایسی دستاویزی شکل میں ہیں جو آر ایس ایس کے ان دعوؤں کی تردید کرتی ہیں۔

    ایمرجنسی میں آر ایس ایس کا کردار

    جے پی تحریک کے دوران آر ایس ایس کے ساتھ مل کر اندرا گاندھی کی پالیسیوں کی مخالفت کرنے والے سینئر صحافی پربھاش جوشی کا ایک مضمون ایمرجنسی کی 25 ویں برسی کے موقع پر سال 2000 میں انگریزی میگزین ‘تہلکہ’ میں شائع ہوا تھا۔  ان کے بقول، اس وقت بھی، ایمرجنسی مخالف جدوجہد میں آر ایس ایس کی شرکت کے حوالے سے ‘ذہن میں ایک قسم کا شک، اس سے کچھ فاصلہ، اعتماد کی کمی’ کا احساس ہمیشہ رہتا تھا۔ آر ایس ایس کے اس وقت کے سربراہ بالاصاحب دیورس نے اندرا گاندھی اور سنجے گاندھی کے بدنام زمانہ 20 نکاتی اور پانچ نکاتی پروگرام کو نافذ کرنے میں تعاون کرنے کے لیے خط لکھا تھا، یہ آر ایس ایس کا اصل کردار ہے۔ ایمرجنسی کے دوران بھی آر ایس ایس اور جن سنگھ کے بہت سے لوگوں کو عام معافی دے کر جیلوں سے رہا کیا گیا۔  معافی مانگنے میں وہ سب سے آگے تھے۔  ان کے صرف چند رہنما جیل میں رہ گئے: یہاں تک کہ اٹل بہاری  بھی جیل سے رہا ہو گئے۔  آر ایس ایس نے ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد اس کے خلاف کسی قسم کی جدوجہد نہیں کی۔  تو اب، کیوں بی جے پی ایمرجنسی کے خلاف جدوجہد کی یاد کو مناسب بنانے کی کوشش کر رہی ہے؟’

    پربھاش جوشی کے مطابق، ‘وہ کبھی لڑنے والی قوت نہیں رہے اور نہ ہی وہ کبھی ان لوگوں میں شامل رہے جو جدوجہد کے خواہشمند تھے۔  وہ بنیادی طور پر ایک سمجھوتہ کرنے والا گروہ رہا ہے۔  وہ کبھی بھی حکومت کے خلاف حقیقی معنوں میں جدوجہد کرنے والے نہیں رہے۔

    کیا سنگھ نے ایمرجنسی کی حمایت کی؟

    ایک سینئر آئی پی ایس افسر  راجیشور جو ایمرجنسی کے وقت آئی بی کے ڈپٹی چیف تھے۔  بعد میں وہ آئی بی کے ڈائریکٹر اور ریٹائرمنٹ کے بعد اتر پردیش اور سکم کے گورنر بھی رہے۔  اپنی کتاب ‘انڈیا: دی کروشیل ایئرز’ میں اس حقیقت کی تصدیق کرتے ہیں کہ ‘آر ایس ایس نہ صرف ایمرجنسی کی حمایت کر رہی تھی بلکہ وہ اندرا گاندھی کے علاوہ سنجے گاندھی سے بھی رابطے قائم کرنا چاہتی تھی۔’

    ٹی وی  راجیشور نے مشہور صحافی کرن تھاپر کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا، ‘دیوراس (آر ایس ایس چیف) نے خفیہ طور پر وزیر اعظم کی رہائش گاہ سے رابطہ رکھا تھا اور ملک میں نظم و ضبط کو نافذ کرنے کے لیے حکومت کے کئی سخت اقدامات کی بھرپور حمایت کی تھی۔  وہ محترمہ اندرا گاندھی اور سنجے گاندھی سے ملنے کے خواہشمند تھے۔  لیکن مسز گاندھی نے ان سے ملنے سے انکار کر دیا۔

    راجیشور کی کتاب کے مطابق – ‘آر ایس ایس، ایک دائیں بازو کی ہندو قوم پرست تنظیم ہے جس پر ایمرجنسی کے دوران پابندی لگا دی گئی تھی۔  لیکن اس کے سربراہ بالاصاحب دیورس نے حکومت کے بہت سے احکامات کی حمایت کی اور ملک میں نظم و ضبط کو سنجے گاندھی کی خاندانی منصوبہ بندی کی مہم سے منسلک کیا اور خاص طور پر مسلمانوں میں اس کو نافذ کرنے کی کوششوں کو کافی پذیرائی ملی۔

    ٹی وی راجیشور نے اس حقیقت کو بھی اجاگر کیا ہے کہ ایمرجنسی کے بعد بھی، ‘سنگ (آر ایس ایس) نے خاص طور پر ایمرجنسی کے بعد ہونے والے انتخابات میں کانگریس کی حمایت کا اظہار کیا تھا۔’

    اس کے علاوہ یہ حقیقت بھی خاص طور پر قابل غور ہے کہ سبرامنیم سوامی کے مطابق، جو اب بی جے پی میں ہیں اور اس کے ایم پی بھی رہ چکے ہیں (1974 میں جن سنگھ سے ایم پی رہے ہیں)، ایمرجنسی کے دور میں، زیادہ تر آر ایس ایس کے سینئر لیڈروں نے ایمرجنسی کے خلاف جدوجہد کو دھوکہ دیا تھا۔  اس وقت کی دستاویزات پربھاش جوشی اور راجیشور کے اس بیان کی تصدیق کرتی ہیں۔

    شمس الاسلام جو کہ آر ایس ایس کے ماہر ہیں اور جنہوں نے اس پر کئی کتابیں لکھی ہیں، کہتے ہیں، ’’حیرت کی بات یہ ہے کہ اس کے باوجود آج آر ایس ایس والے ایمرجنسی کے دوران اپنے مبینہ جبر کے عوض ماہانہ پنشن وصول کر رہے ہیں۔ ایک بارتو بی جے پی کی حکومت والی ریاستیں گجرات، مدھیہ پردیش، راجستھان، بہار، اتر پردیش اور مہاراشٹرا نے ایمرجنسی کے دوران ایک ماہ سے بھی کم عرصے تک جیل میں بند رہنے والوں اور آر ایس ایس سے وابستہ افراد کو دس ہزار روپے تک ماہانہ پنشن دینے کا فیصلہ کیا۔ 2 ماہ سے کم جیل میں رہنے والوں کو 20 ہزار روپے پنشن دینے کا فیصلہ کیا گیا، یہ اصول ان ‘رضاکاروں’ کا خیال رکھتا ہے جنہوں نے صرف ایک یا دو ماہ جیل میں رہنے کے بعد رحم کی درخواستیں دائر کیں۔ اس پنشن کے لیے کوئی شرط نہیں کہ ایمرجنسی کے پورے دور میں فائدہ اٹھانے والا جیل میں رہا ہو یا نہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ برطانوی سامراج کے خلاف ملک کی آزادی کی تحریک کے دوران آزادی پسند پنشن لینے والوں میں سے ایک کا بھی تعلق آر ایس ایس سے نہیں ہے۔”

    ایمرجنسی کے دوران آر ایس ایس کا رول – آر ایس ایس نے کہا تھا کہ اس کا جے پی تحریک سے کوئی تعلق نہیں ہے؟

    آر ایس ایس کے تیسرے سرسنگھ چالک مدھوکر دتاتریہ دیورس نے ایمرجنسی کے نفاذ کے دو ماہ کے اندر اندرا گاندھی کو پہلا خط لکھا۔  یہ وہ وقت تھا جب ریاستی دہشت گردی اپنے عروج پر تھی۔  دیورس نے 22 اگست 1975 کو اندرا گاندھی کی تعریف کرتے ہوئے اپنا خط اس طرح شروع کیا:

    ’’میں نے 15 اگست 1975 کو جیل (یرواڈا جیل) میں ریڈیو پر لال قلعہ سے قوم کے نام آپ کا خطاب سنا۔  آپ کا خطاب متوازن اور زمانے کے مطابق تھا۔  اس لیے میں نے آپ کو یہ خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔”اندرا گاندھی نے اس خط کا کوئی جواب نہیں دیا۔  دیورس نے 10 نومبر 1975 کو اندرا گاندھی کو ایک اور خط لکھا۔  انہوں نے اس خط کی شروعات الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ کی طرف سے دیے گئے فیصلے کے لیے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کی۔  الہ آباد ہائی کورٹ نے رائے بریلی لوک سبھا سیٹ سے ان کے انتخاب کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں انتخابات میں بدعنوان ذرائع استعمال کرنے کا مجرم قرار دیا تھا۔  جسے بعد میں سپریم کورٹ نے درست قرار  نہیں دیا تھا۔  دیوراس نے اس خط میں لکھا-

    ‘سپریم کورٹ کے پانچوں ججوں نے آپ کے انتخاب کو آئینی قرار دیا ہے، اس کے لیے دلی مبارکباد۔’

     

    قابل ذکر ہے کہ اپوزیشن کی پختہ رائے تھی کہ یہ فیصلہ کانگریس کے زیر انتظام ہے۔  دیورس نے اپنے خط میں یہاں تک کہا – “جے پرکاش نارائن کی تحریک سے آر ایس ایس کا نام غیر ضروری طور پر جوڑا گیا ہے۔  حکومت نے آر ایس ایس کو گجرات کی تحریک اور بہار کی تحریک سے بھی بغیر کسی وجہ کے جوڑا ہے… سنگھ کا ان تحریکوں سے کوئی تعلق نہیں ہے….

    ونوبا بھاوے کو خط

    چونکہ دیوراس کے اس خط کا اندرا گاندھی نے کوئی جواب نہیں دیا، اس لیے آر ایس ایس کے سربراہ نے ونوبا بھاوے سے رابطہ کیا، جنہیں سرکاری سنت سمجھا جاتا تھا اور جنہوں نے ایمرجنسی کی حمایت کی تھی اور اندرا گاندھی کا ساتھ دیا تھا۔  دیورس نے 12 جنوری 1976 کے اپنے خط میں آچاریہ ونوبا بھاوے سے درخواست کی کہ وہ اندرا گاندھی کو آر ایس ایس پر پابندی ہٹانے کا مشورہ دیں۔

    آچاریہ ونوبا بھاوے نے بھی خط کا جواب نہیں دیا۔  مایوس ہوکر انہوں  نے ونوبا بھاوے کو ایک اور خط لکھا جس کی تاریخ درج  نہیں ہے۔  انہوں نے لکھا:

    اخبارات میں چھپنے والی معلومات کے مطابق وزیر اعظم (اندرا گاندھی) 24 جنوری کو وردھا پونار آشرم میں آپ سے ملنے آ رہی ہیں۔  اس وقت وہ آپ سے ملک کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے۔  میری آپ سے گزارش ہے کہ براہ کرم وزیر اعظم کے ذہن میں آر ایس ایس کے بارے میں جو غلط فہمی پیدا ہوئی ہے اسے دور کرنے کی کوشش کریں تاکہ آر ایس ایس پر سے پابندی ہٹائی جا سکے اور آر ایس ایس کے جیلوں میں بند لوگوں کو رہا کیا جا سکے اور ان کی قیادت میں ترقی ہو سکے۔

    ہندوستان کے سابق صدر پرنب مکھرجی کو آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے 2018 میں رضاکاروں ککی تقریب میں بطور مہمان خصوصی مدعو کیا تھا۔  پرنب مکھرجی کا شمار کانگریس کے ان اعلیٰ رہنماؤں میں ہوتا ہے جو ایمرجنسی کے دوران ہونے والی زیادتیوں کے ذمہ دار تھے اور شاہ کمیشن نے بھی انہیں ایمرجنسی کی زیادتیوں کے لیے بنیادی طور پر ذمہ دار سمجھا تھا۔

  • مزاحمتی شاعری کی روایت اور حالیہ بحران

    مزاحمتی شاعری کی روایت اور حالیہ بحران

    اردو شاعری میں ہمیشہ سے ہر طرح کی شاعری ہوتی آئی ہے۔ مثنوی اور قصیدے اردو شاعری کے شروع میں ایک غالب صنف سخن کے طور پر رائج رہے ہیں۔ یہ دونوں اصناف شروع سے اخلاقی تربیت ، شجاعت وسخاوت اور پامردی وجواں مردی کے پہلوؤں کو ابھارنے کا کام کرتی رہی ہیں۔ قصیدہ کی تاریخ ہی تشجیع اورحوصلہ افزائی کی تاریخ رہی ہے۔ قصیدے میں موجود موضوعات اور مواد کی وسعتیں اور فن وشعر کی ہیبتیں ایسی رہیں کہ اسے ام الاصناف کا نام دیا گیا۔‌ ان پہلوؤں کے ساتھ ساتھ فن کی پرورش کا مہتم بالشان کام کبھی فراموش نہیں ہوا سوائے اس زمانے کے جب اجتماعی سائیکی نے ہزیمت کو تن ومن سے قبول کرکے اصلاح اور نئے سرے سے اٹھ کھڑے ہونے کی ذمہ داری قبول کی۔

    آزادی کی تحریک جس وقت برپا ہوئی ، اس وقت قوم پرست اور مزاحمتی شاعری کے کم ازکم دو رویے کارفرما تھے جن کی نمائندگی دو الگ الگ طبقوں نے کی۔ایک طبقہ وہ تھا جس کی پرورش میں روایت اور جدیدیت کا خون اور خوان شامل تھا۔ وہ بیک وقت اپنی روایت سے اور اپنے عہد کی غالب فکری فضا سے لیس ہوکر مسائل کا حل چاہتا تھا۔ اور دوسرا طبقہ وہ تھا جس نے اپنے سے پہلے کے لوگوں کی نئی روشنی سے اپنے ذہن و دل کو روشن کیا تھا اور روایت کو ظلمت خیال کرکے ہر چیز کو جاگیردارانہ نظام کی باقیات خیال کرتا تھا۔ اس نےمزید روشنی کی نئی کمک نئے راستوں سے حاصل کرنا شروع کردی تھی۔ انھیں دو قبیل کے لوگوں نے مزاحمتی ادب پیدا کیا۔ اول الذکر کی قومی ومزاحمتی شاعری خلوص سے پر تھی اگرچہ اس میں اپنے عہد کی حاوی نفسیات کارفرما تھیں لیکن یہ گروہ اپنی نیت اور اپنے تخلیقی عمل میں سچا تھا۔ یہ پروپیگنڈہ باز نہیں تھا۔ اس گروہ میں اگر دقیانوس ، قدامت پرست یا روایت کے پاسدار کہے جانے والے لوگ تھے تو وہ اپنی وابستگی کو پردے میں نہ رکھتے تھے۔ نہ ہی محض ہنگامی طلب پر ادب ترتیب دیتے تھے۔ ان کے یہاں سچی پکی حب الوطنی تھی۔جاگیردارانہ نظام کی مخالفت اوراصرافیت کی گماشتہ تفریحی صنعت کی پشت پناہی نہ تھی۔ وہ اپنے قول وعمل میں سچے، اپنے جذبے میں صادق، اپنی بات میں کھرے اور اپنے محاذ پر کھڑے لوگ تھے۔ اگرچہ محض ان باتوں سے شعر وشاعری کا کوئی بھلا نہیں ہوتا ، ہاں ماحول کو سازگار بنانے اور آواز کو مقبول عام کرکے اقتدار پر دباؤ بنانے میں  ضرور مدد ملتی ہے۔

    آزادی کی تحریک جس دور میں برپا ہوئی، اگر اسے بغور دیکھا جائے تو وہ مشرق ومغرب کے درمیان کشمکش کا فیصلہ کن دور تھا۔ جاپان،ہندستان اور ترکی دنیا کے نقشے میں مغربی قوتوں کے لیے ایک بڑے مسئلے اور مشکل کی صورت میں موجود تھے اور انھیں زیر کرنا مغرب کی سب سے بڑی فتح اور کامیابی کا ہم معنی تھا۔ اردو میں ہونے والی مزاحمتی شاعری بوجوہ ترکی کی حمایت میں ہمہ وقت سینہ سپررہی اور اس نوع کی شاعری اس کثرت سے ہوئی کہ باقاعدہ اس کی ایک روایت بن گئی۔ وقتی باتوں اور ہم عصر مسائل کو شاعری میں بیان کرنے کے عادی شاعروں نے اس موضوع پر بہت لکھا جس کی شہادت ڈاکٹر آصف زہری کی کتاب "اردو نظم میں ذکر ترکی” سے ملتی ہے۔‌

    اکبر الہ آبادی، ظفر علی خاں، اقبال، پنڈت برج نرائن چکبست، سرور جہاں آبادی ، افق لکھنوی وغیرہ کی شاعری نے مزاحمت کی شاعری کو کئی پہلوؤں سے متمول کیا۔ انگریزی نظام اقدار  اور دیسی لوگوں کی طرف سے کی جانے والی اندھی تقلید کی تنقید ، وطن کی محبت اور اس کے سورماؤں سے عقیدت کا اظہار ان شاعروں کی مزاحمتی شاعری کا اہم وصف رہا۔

    ترقی پسند تحریک سے وابستہ شاعروں میں مخدوم محی الدین ، علی سردار جعفری ، سلام مچھلی شہری ، فیض احمد‌فیض، ساحر لدھیانوی اور دوسرے بہت سے شاعروں نے مزاحمتی شاعری کی اور ان ذاتی آزمائشوں سے پرانی لفظیات کو نیا سیاق و سباق عطا‌کیا گیا۔

    جدیدیت کے زیر اثر ہونے والی شاعری میں صورت حال سے بیزاری اور بے اطمینانی کا اظہار علامتی انداز میں ہوا۔ اس پورے عہد کی شاعری نے بیسویں صدی کو مطلوب مزاحمتی ادب کا خلا پر کیا اور بہت سے مزاحمت کے شاعر اس پوری صدی میں سرگرم رہے اور ادبی ماحول کی رونق بڑھاتے رہے لیکن اکیسویں صدی میں مزاحمت کی شاعری میں کمی آئی اور اس کے مختلف اسباب ہوسکتے ہیں کہ ہندستان میں مجموعی طور ادب کی صورت حال متاثر ہوئی۔ بول چال کی زبان کے استعمال کا دائرہ تو باقی رہا لیکن اس کے استحقاق کے دائرے محدود سے محدود تر ہوتے گئے۔ چوں کہ اس صدی میں رسم الخط کی قید کو ہٹا کر زبان کو مقبول عام باور کرانے کی روش عام ہوئی اور اس طرح اردو زبان وشاعری کے منطقے میں فیشن زدہ مشاعرے بازی کی فضاپروان چڑھی اور مقبول عام شعر زدگی کی ہوا بندھی اور شعر وادب کی طرف سے ہونے والی مزاحمت مصلحت اندیشی کا شکار ہوگئی۔ سودا کے قصیدہ در ہجو اسپ جیسی معیاری انتقادی شاعری سے لے کر نعرے ، ادعا، مبارزت طلبی کی مقبول عام شاعری تک کے سفر میں کسی نہ کسی شکل میں مزاحمت کی شاعری زندہ رہی۔ دھیرے دھیرے اسے زندہ رکھنے والے ہی مصالحت پر آمادہ ہونے لگے تو ادب پرور ، زبان پرور اور کلچر نواز انجمنوں ، سوسائٹیوں اور اداروں کا پیشہ ورانہ سلسلہ شروع ہوا ، جس میں ایک حدتک فرقہ وارانہ فسادات  وغیرہ پر اظہار خیال ہوا ۔لیکن اکیسویں صدی میں مشاعری بازی کا یہ سلسلہ اپنی اصل پر لوٹ آیا اور اس کی پیشہ ورانہ بنیادیں ، مقاصد اور اہداف زیادہ منہ زور ہوکر سامنے آئے۔ موجودہ صورت حال مصالحت ، کاسہ لیسی ، موقع پرستی اور خودنمائی کے ایسے عیوب سے متصف ہے کہ اس سے مزاحمت کی توقع ہی نہیں کی جاسکتی۔ موجودہ شعری فضا برقی عہد کے تبرکات سے ایسی گراں بار اور سوشل میڈیائی ترغیبات سے ایسی بوجھل ہے کہ وہ مزاحمتی شاعری کا خطرہ ہی مول نہیں لے سکتی۔ وہ بہت ہی ہلکے اور عوامی ذوق کو مطلوب چٹپٹی شاعری فراہم کرنے میں ایسا منہمک ہے وہاں مزاحمتی شاعری کی گنجائش کم سے کم تر ہوگئی ہے۔ البتہ یہ بات ضرور ہے کہ اس نوع کی شاعری آج بھی مطلوب ہے اور اس کے پذیرائی کے امکان بھی خوب ہیں۔‌ہندی کے بہت سے طنز نگار مزاحیہ انداز میں مزاحمت کا رنگ باقی رکھنے میں مصروف ہیں اور وہ خاصے مقبول بھی ہیں۔ اردو کے اسٹیج پر جن لوگوں نے اس خلا کو پر کرنے کی کوشش کی ہے انھیں بے پناہ مقبولیت بھی ملی ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ گر اس سمت میں نئے شاعر پیش رفت کریں تو یقینا انھیں کامیابی ملے گی۔

     یہاں ایک بات کی وضاحت ضروری معلوم ہوتی ہے کہ شاعری میں چاہے جیسی فکر اور سماجی وسیاسی صفات یا فلسفیانہ خیالات  رکھ دیے جائیں ، شاعری کا شاعری  کی شرط پر شاعری ہونا ہمیشہ سے مطلوب رہا ہے۔ مزاحمتی شاعری بھی وہیں بارآور اور دیر پا ثابت ہوگی جس میں شعر کے فنی اوصاف ہوں گے، ورنہ ہنگامی شاعری کا مقدر سب کو معلوم ہے۔ فیض کی شاعری کی خوبی اور مقبولیت صرف اس لیے نہیں ہے کہ اس میں انقلاب ومزاحمت کے اوصاف ہیں بلکہ وہ خوب اس لیے ہے کہ وہ اپنے روایتی سرچشموں سے سیراب ہوئی ہے اور شاعرکے شخصی حوالوں نے اس کی شاعری کو ایک الگ اور مختلف سیاق عطا کردیاہے۔

     فی زمانہ جمہوریت ، قانون ، عوام ، انہدام ، جمہور ، حق اور ان جیسے بہت سے پرانے الفاظ ہیں جن کا تعلق زنداں سے ، مزاحمت سے، کرسی سے ہے جو مزاحمت کی شاعری کے لیے بہت بامعنی ہوسکتے ہیں۔

  • یوپی میں مسلمانوں کی سیاسی بے توقیری کے اسباب

    یوپی میں مسلمانوں کی سیاسی بے توقیری کے اسباب

    ملک کی تقسیم کے بعدیو پی کے مسلمانوں کو سیاسی طور سے سب زیادہ نقصان اٹھانا پڑا ۔ تقسیم سے پہلے یو پی مسلم سیاست کا گڑھ تصور کیا جاتا تھا ۔یہاں کی دو بڑی سیاسی شخصیتیں نواب زادہ لیاقت علی خاں اور چودھری خلیق الزماں مسلم سیاست کا محور ہوا کرتے تھے ۔ ان دونوں کے پاکستان ہجرت کر جانے کی وجہ سے مسلم سیاست میں ایک ایسا خلا پیدا ہو گیا ،جس بھرپائی آج تک نہیں ہو سکی ۔اس سیاسی خلا کو پر کرنے بجائے مسلم اکابر نے حالات کے آگے سپر ڈال دی ۔

    1948میں مولانا ابو الکلام آزاد کی ایماپر لکھنؤ میں مسلم قائدین کا ایک کنونشن منعقد کیا گیا ۔اس کنونشن میں جمع ہونے والی مسلمانوں کی بچی کھچی قیادت سیاسی مستقبل کے بارے میں کوئی لائحہ عمل طے کرنے میں ناکام رہی۔ البتہ لکھنؤ کنونشن میں یہ طے کیا گیا کہ مسلمان اب علاحدہ مسلم سیاسی جماعت نہیں بنائیں گے۔مسلمانوں کے سیاسی مستقبل کے بارے میں اتبا بڑا فیصلہ ایک نشست میں لے لیا گیا۔یہ فیصلہ سیاسی خود کشی کے مترادف تھا۔لیکن آج تک لکھنؤ کنونشن کے اس فیصلے کے عوامل کا سنجیدہ اور معروضی تجزیہ نہیں کیا گیا ۔ یہ بھی معلوم کرنے کی کوشش نہیں کی گئی کہ مسلمانوں کی سیاسی خود سپردگی کے پس پردہ کن شخصیات کا ہاتھ رہا ہے۔وہ کون سے کردار تھے جو مسلم سیاست کو اپاہج بنانے کا کام کر رہے تھے ۔اس کنونشن میں شامل مسلم قائدین نے  سیاسی موت کے محضر نامے پر خوداپنی مہریں ثبت کر دیں ۔اسی کنونشن کے بعد جمعیت العلما نے بھی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لی  ۔مسلم اکابر  کی سرگرم سیاست سے علاحدگی کی معقول وجہ آج تک سامنے نہ آ سکی ۔ تقریباً دو دہائیوں تک یو پی کے مسلمان سیاسی منظر نامے سے غائب رہے۔ اس طویل وقفے نے مسلمانوں کی سیاسی خو واعتمادی کو شدید طور سے مجروح کیا ۔

    یو پی کی مسلم سیاست میں ایک انقلاب آفریں موڑ 1968میں اس وقت آیا جب ڈاکٹر عبد الجیل فریدی نے مسلم مجلس تشکیل دی۔ مسلم مجلس نے ایک بار پھر ریاست کے مسلمانوں کے اندر سیاسی حرارت پیدا کر دی ۔ڈاکٹر عبد الجلیل فریدی کی سنجیدہ اور بصیرت افروز سیاست نے ریاست کے مسلمانوں کو متحدہ پلیٹ فارم پر لانے میں بنیادی کردار ادا کیا ۔ مسلم مجلس نے بہت کم وقت میں میدان سیاست میں اپنی مضبوط جگہ بنا لی ۔ ریاست کے علاوہ مرکز میں بھی مسلم مجلس کے ارکان وزارت میں رہے ۔لیکن ڈاکٹر فریدی کی نا وقت موت نے مسلم سیاست کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ۔ ڈاکٹر فریدی کی وفات کے بعد بھی مسلم مجلس سیاست میں سرگرم رہی لیکن اندرونی انتشار اور قائدانہ فقدان کی وجہ سے جلد ہی جمود کا شکار ہو گئی ۔ کافی عرصے بعد 1999میں مسلم مجلس کے ایک پرانے رہنما محبوب احمد نے مسلم سیاست میں جان ڈالنے کے لیے ’’ملی جمہوری محاذ ‘‘ کے نام سے سیاسی پلیٹ فارم بنایا ۔ ملی جمہوری محاذ کا مقصد یو پی میں موجود بکھری ہوئی مسلم سیاسی جماعتوںکو متحد کرکے ایک محاذ بنانا تھا ۔  اپنے قیام کے بعد ملی جمہوری محاذ نے کئی بڑے عوامی جلسے ریاست کے مختلف اضلاع میں منعقد کئے ۔اس نئے سیاسی محاذ میں بہت سے مسلم لیڈران شامل تو ہوئے لیکن اپنے اپنے ذاتی مفاد کے ساتھ ۔ملی جمہوری محاذ میں شامل ہر لیڈر اپنے طور سے سیکولر پارٹیوں سے سانٹھ گانٹھ کرنے لگا۔بہت جلد ملی جمہوری محاذ بھی اپنی سیاسی موت مر گئی ۔

    یو پی میں جس سیاسی پارٹی نے مسلم سیاست کے افق پر تادیر اپنی موجودگی برقرار رکھی وہ تھی ’’ نیشنل لوک تانترک پارٹی ‘‘۔ نوے کی دہائی کے وسط میں بہوجن سماج پارٹی کے ڈاکٹر مسعود احمد اور ارشد خان نے نیشنل لوک تانترک پارٹی کی بنیاد ڈالی ۔ ڈاکٹر مسعود مایا وتی کی پہلی سرکارمیں کابینہ وزیر اور ارشد خان ایم ایل اے تھے ۔ حکومت میں رہتے ہوئے مایا وتی نے دونوں پر پارٹی مخالف سرگرمیوں اور بدعنوانی میں ملوث ہونے الزام میں بی ایس پی سے نکال دیا ۔ پارٹی سے باہر کئے جانے کے بعد ڈاکٹر مسعود اور ارشد خان نے مل کر نیشنل لوک تانترک پارٹی بنا لی۔ چوں کہ دونوں لیڈر بی ایس پی کیڈر کے تھے لہٰذا ان کو زمینی سطح کی سیاست کا گہرا تجربہ تھا ۔انہوں نے نیشنل لوک تانترک پارٹی کوبی ایس پی کی طرز پر مسلمانوں میں منظم کرنے اور ان کوزمینی سیاست سے جوڑنے کا کام کیا ۔ ڈاکٹر مسعود اور ارشد خان نے تقریباًپندرہ برسوں تک پارٹی کے لیے سخت محنت کی ۔ مسلم مجلس کے بعد نیشنل لوک تانترک پارٹی ہی ایک ایسی پارٹی تھی جس نے مسلمانوں میں زمینی  سطح پر کام کیا ۔پارٹی اپنے ٹکٹ پر لوک سبھا میں نمائندہ بھیجنے میں بھی کامیاب رہی ۔لیکن رفتہ رفتہ ڈاکٹر مسعود اور ارشدخان میں پارٹی کی قیادت کو لے کر  اختلافات بڑھنے لگے ۔ یہ اختلافات اس حد تک بڑھے کہ جھگڑے تک کی نوبت آ گئی ۔ دونوں کے آپسی جھگڑوں نے بنی بنائی پارٹی کو ختم کر دیا ۔پارٹی ختم ہونے کے بعد ڈاکٹر مسعود نے کانگریس میں اور ارشد خان نے سماج وادی پارٹی میں شمولیت اختیار کی ۔

    جب ڈاکٹر ایوب انصاری نے پیس پارٹی کی بنیاد ڈالی تو اس سے مسلمانوں میں کافی امیدیں پیدا ہوئیں ۔پیس پارٹی نے مشرقی یو پی کی مسلم سیاست پر اپنے اثرات مرتب کیا۔پیس پارٹی نیشنل لوک تانترک پارٹی کی طرح تنظیمی ڈھانچہ بنانے میں ناکام رہی ۔ اس کی پوری توجہ انتخابی سیاست پر مرکوز تھی ۔ پیس پارٹی کو انتخابی سیاست میں جزوی کامیابی بھی حاصل ہوئی ۔ اس کے تین امیدوار یو پی اسمبلی کے لیے کامیاب ہوئے۔لیکن اس کے بعد ہونے والے اسمبلی الیکشن میں پارٹی کاایک بھی امیدوار کامیاب نہیں ہو پایا ۔ یوگی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد پیس پارٹی پر سرکاری شکنجہ کسنے لگا ۔ خود پارٹی کے صدر ڈاکٹر ایوب کے خلاف کئی سنگین مقدمات درج کرائے گئے ۔ان مقدمات کے تحت ڈاکٹرایوب کو کئی برس جیل میں رہنا پڑا ۔ فی الحال پیس پارٹی سیاسی منظر نامے سے غائب ہے ۔

    یوگی حکومت کے اقتدار میں آنے سے پہلے مسلم سیاسی پارٹیوں کی تھوڑی بہت سر گرمیاں جاری رہا کرتی تھیں ۔لیکن یوگی حکومت کے سخت رویئے کی وجہ سے مسلم سیاسی پارٹیوں کو بیک فٹ پر جانے کو مجبور کر دیا ہے ۔ اب حالت یہ ہے کہ کسی ملی ایشوپر ان ڈور جلسہ یا سیمینار کرانا بھی لوگوں کے لیے مشکل ہو گیا ہے ۔صرف سیاسی ہی نہیں لگ بھگ تمام ملی اورسماجی سرگرمیاں معطل ہو کر رہ گئی ہیں  ۔مسلم سیاسی کارکنان کے خلاف یوگی حکومت کی تادیبی کاروائیوں نے سیاسی کارکنان کو خوف میں مبتلا کر دیا ہے ۔ایسا صرف سیاسی کارکنان ہی کے ساتھ نہیں ہو رہا ہے بلکہ سماجی اور تعلیمی میدانوں میں سرگرم رہنے والے افراد کو بھی حکومت کے جبر کا شکار ہو رہے ہیں۔مسلمانوں کے ساتھ حکومت کا رویہ صرف معاندانہ نہیں بلکہ تحقیر آمیز بھی ہوتا ہے ۔

    ملک کی تقسیم کے بعد سے یو پی میں کوئی بھی سیاسی پارٹی کامیاب نہیں ہوئی۔مسلم مجلس نے جو سیاسی کامیابیاں حاصل کی تھیں ڈاکٹر فریدی کے بعد وہ دیر پا ثابت نہیں ہو پائیں ۔یو پی میں مسلم سیاست کی ناکامی کی سب سے بڑی وجہ سیاسی شعور کا فقدان ہے ۔عام طورسے جو بھی مسلم سیاسی پارٹیاں وجود میں آتیں ہیں ان کی نظر انتخابی سیاست تک محدود ہوتی ہے ۔ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ جلد از جلد اسمبلی یا پارلیمنٹ تک پہنچ جائیں ۔ زمینی سطح پر ان پارٹیوں کا نہ تو کوئی کام ہوتا ہے اور نہ ہی عوام میں ان کی قبولیت ہوتی ہے ۔الیکشن کے موسم میں یہ پارٹیاں نام نہاد سیکولر پارٹیوں کی حاشیہ بردار کے طور پر کام کرتی ہیں ۔اس کے عوض میں ان کو پارٹی کی طرف سے ایک ٹکٹ مل جاتا ہے جس کا نتیجہ عموماً ہار کی شکل میں ظاہر ہوتا ہے ۔ ایسی پارٹیاں  الیکشن کے بعد صرف کاغذوں تک محدود ہوکر رہ جاتی ہیں ۔جبکہ سیکولر پارٹیوں کو یک مشت مسلم ووٹ ملتا ہے اور وہ بڑی شان سے اسمبلی اور پارلیمنٹ پہنچ جاتی ہیں ۔

    مسلم پارٹیوں کو اپنی کھوئی ہوئی سیاسی قوت حاصل کرنے کے لیے طویل المدت منصوببہ بند جدو جہد کی ضرورت ہے ۔ان پارٹیوں کو سب سے پہلے مسلم ووٹر لسٹ کی خامیاں دور کرنے، ووٹر لسٹ میں نئے نام شامل کرنے ، عوامی مسائل کو اٹھانے ، پارٹی کے لیے کیڈر تیار کرنے ، ضلع ، تحصیل اور گاؤں کی سطح پر پارٹی کا نظم قائم کرنے، پارٹی کارکنان کوسیاسی تربیت دینے، پارٹی کے مقاصد کی حمایت میں رائے عامہ ہموار کرنے جیسے بنیادی کاموں کو کرنا ہوگا ۔ قیادت کو مسلم عوام کا اعتبار حاصل کرنا بہت ضروری ہے ۔یہ تبھی ممکن ہے جب سیاسی قیادت میں بے لوث جدو جہد اور ایثار کا جذبہ موجود ہو ۔  انتخابات کا موسم سیاسی فصل کاٹنے کا ہوتا ہے، بونے کا نہیں ۔مسلم لیڈران الیکشن کے موقع پر فصل بونے جیسی باتیں کرتے ہیں۔سیاسی بالغ نظری قیادت کی شرط اول ہے ۔عوامی مقبولیت کے بغیر کسی سیاسی کامیابی کا تصور نہیں کیا جا سکتا ۔

    افسوس کہ یو پی میں جو بھی مسلم سیاسی پارٹیاں وجود میں آتی ہیں وہ اقتدار تک پہنچنا تو چاہتی ہیں لیکن اقتدار تک کا راستہ کیسے طے کیا جاتا ہے اس کی عملی شکل ذہنوں میں واضح نہیں ہوتی ۔ یہی وجہ ہے کہ یو پی میں بیس فیصد سے زیادہ مسلم آبادی ہونے کے با جود یہاں کے مسلمان سیاسی بے توقیری کا شکار ہیں ۔واضح رہے کہ سیاسی قوت حاصل کئے بغیر بنیادی حقوق کا تحفظ ممکن نہیں  ۔مسلم سیاسی پارٹی کی جتنی ضرورت آزادی سے پہلے تھی اتنی ہی آج بھی ہے بلکہ اس کی ضرورت پہلے کے مقابلے آج زیادہ ہے۔ 76 برس پہلے کیا گیا سیاست سے دوری کا فیصلہ، جو تاریخ میں لکھنؤ ٔ کنونشن کے نام سے درج ہے ،اس کا خمیازہ مسلمان آج بھی بھگت رہے ہیں ۔اب اس فیصلے کی نحوست سے مسلمانوں کو باہر آنے کی ضرورت ہے۔

  • لوک سبھا کا انتخاب اور سول سوسائٹی کا کردار

    لوک سبھا کا انتخاب اور سول سوسائٹی کا کردار

    اٹھارہویں لوک سبھا کا الیکشن سات مرحلے سے گزرتا ہوا اپنی پوری ہنگامہ آرائی کے ساتھ یکم جون 2024 کو تمام ہوگیا۔ نتیجے بھی 4جون کووقت پر سامنے آگئے۔اس کے بعدان میں ہار جیت کی نئی بحث شروع ہوگئی ہے اوراسی کے ساتھ نئی جوڑ توڑ،بہلانے پھسلانے، مننے روٹھنے اور سرکار بنانے کی قواعد بھی جاری ہوگئی۔ میڈیا پر نئی بحثوں کا شور بھی ہے۔ کار آمد اور مفید بحثیں کم ہیں زیادہ تر بحثیں تکرار اور اشتہارکا فریضہ انجام دے رہی ہیں۔

    میرے نزدیک الیکشن کے نتائج پر اس حیثیت سے اب ہم سب کو غور کرناچاہیے کہ کیا نئے چیلنجز ہیں جو ملک کے مستقبل کو سنوارنے میں اب درپیش ہوں گے اور حالیہ الیکشن نے کیا امکانات پیدا کردیے ہیں۔

    اس سلسلے میں پہلی بات جو واضح رہنی چاہیے وہ یہ ہے کہ اس پارلیمانی الیکشن میں حالات کو بدلنے میں سیاسی پارٹیوں سے زیادہ اہم رول ملکی سماج کے ہر حلقے وعلاقے میں کام کرنے والی سول سوسایٹیز کا ہے ۔ پہلی دفعہ ملک کی سول سوسائٹیوں کا یہ کردار کھل کر سامنے آیا ہے۔ سیاسی پارٹیوں میں بھی ولولہ وجوش ان کی پشت پناہی کے بعد ہی پیدا ہوا۔

    اس لیے سچی بات یہ ہے کہ اس الیکشن میں جو کچھ حاصل ہوا ہے چاہے وہ جمہوری قدروں کی آبرو ہو یا مذہبی آزادی و رواداری کی ہندوستانی روایت ہو، دستوری آداب اور اداروں کا پاس ولحاظ ہو یا کم زوروں اور مظلوموں کی داد رسی و حمایت ہو،حکومت کے ویلفیر کردار اور سوشل جسٹس کے سبق کی یاد دہانی ہو سب میں اصل رول سول سوسائٹی کا ہی ہے۔ ہم سبھوں کو یاد ہے سیاسی پارٹیاں تو اپنے اپنے ذاتی،خاندانی اور پارٹی مفادات سے اوپر اٹھ نہیں رہی تھیں اور زیادہ تر خوف زدہ تھیں۔ بی جے پی حکومت نے بھی انھیں تنگ کر رکھا تھا۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ زیادہ تر پارٹی کے لیڈروں کے دامن داغدار ہیں لہذا انکم ٹیکس اور ای ڈی کا خوف ان پر چھایا ہواتھا چناں چہ ان پارٹیوں کا الکشنی بیانیہ بھی پارٹی کے محدود سیاسی مفادات سے آگے نہیں جارہا تھا اس سلسلے میں راہل گاندھی کا بیانیہ قابل ستائش رہا ‘ انھوں نے بہت صاف صاف ہندتوا آئیڈیولوجی کو نشانہ بنایا اور بی جے پی کی بنیادی پالیسی پر دو ٹوک تنقید کی۔ گاندھی جی اور نہرو کے خوابوں کو ہندوستان کے اصل خواب کی حیثیت سے پیش کیا بعد میں دوسری پارٹیوں نے بھی اس بیانیے کو تقویت پہنچائی لیکن راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا اور نیایے یاترا نے بڑا کام کیا۔

    آج حکومت بنانے میں انڈیا گٹھ بندھن کو جوکمی ہورہی ہے اس کی ایک وجہ خود گٹھ بندھن سے وابستہ سیاسی پارٹیوں کی کم زوری ہے۔ بہار میں لالو پرساد کا پترموہ یعنی اپنے بیٹے اور بیٹیوں کو منصب اقتدار پر بٹھانے کی خواہش بھی ان میں سے ایک ہے۔بھلا پپو یادو کے پیچھے اتنا پڑنے کی کیا ضرورت تھی اور کنیہیا کمار کو دہلی جانا کیوں پڑا۔ امیدواری میں کس طرح الٹ پھیراور نوک جھونک ہوتا رہا آخری وقت تک بات بن بن کر بگڑ جاتی تھی-

    حنا شہاب کا مسئلہ آخر تک سلجھ نہ سکا- نتیش کمار اور ان کے پلٹنے سے بہار کی حکومت بھی ایک دم پلٹ گئی اور ریاست میں پارلیمانی انتخاب بھی بی جے پی کے اقتدار میں شریک رہتے ہوا اس نے سیاسی پس منظر بدل دیا اور حالیہ پیش منظر نتیش کی اسی سیاسی عیاری کا نتیجہ ہے۔ خود کانگریس کی تنظیمی صورت حال بہار میں کیا ہے، بنگال میں کانگریس کے ریاستی صدر کا رول گٹھ جوڑ کے منفی رہا ہے۔ سیاسی پارٹیوں کا معاملہ بالکل دوسرا ہے-ان کے رولس آف گیم کا بنیادی فارمولہ اقتدار کا حصول ہے۔

    لہذا حکومت کسی کی تشکیل پائے، کتنے دنوں تک چلے سول سوسایٹیز کو مل جل کر پورے ملک میں منصوبہ بند طریقے سے گراس روٹ لیول پر بہت چھوٹے چھوٹے پروگرام اور اس کے بعد ریاستی سطح پر ایک بڑے پروگرام کے ذریعے اپنے سیاسی فرائض کو ادا کرنا چاہیے اور اپنےمشن کو مشترکہ طور پر جاری بھی رکھنا چاہیے۔ اس کام میں سیاسی پارٹیوں سے ایک بامعنی قربت اور حکیمانہ فاصلہ بناکر ہر سطح پر نئی نئی سیاسی،اجتماعی اور مشترکہ قیادت برپا کرنی چاہیے۔ مسلمانوں کو بھی اس مہم میں شریک ہوکر اپنی نئی نسل میں سیاسی قیادت کو پروان چڑھانا چاہیے کیوں کہ ہماری یہاں بھی سیاسی نمائندگی کرنیوالے پارٹیوں سے وابستہ لیڈران اسی مرض میں مبتلا ہیں۔مسلمانوں کے اندر تو اور پستی آگئی ہے یہاں تو بس اقتدار کے دسترخوان سے چوسی ہوئی ہڈیوں کی حرص و ہوس اور امید میں سیاسی پارٹیوں کے لیڈران کی کاسہ لیسی اور بروکری مسلم سیاسی لیڈروں کا وطیرہ ہوگیا ہے الا ماشاء اللہ اگر ایک دو اس سے مختلف ہیں تو وہ قابل قدر ہیں۔

    بہرحال اس سلسلے میں خیر امت کے فرائض کاشعو ر رکھنے والوں کوبھی اپنے خول سے نکل کر اس میں پیش پیش رہنا چاہیے۔

    کیوں کہ اس الیکشن میں سول سوسائٹی سے وابستہ ہندوستانی عوام اور بعض میڈیا پرسن کارویہ بہت قابل قدر اور قابل تعریف رہا ہے اس کی تعریف اور تزکیہ دونوں ہونا چاہیے۔

    یاد رہے کہ ہندوستان کی سیاسی تاریخ کا یہی وہ لمحہ ہے جب مسلمان قوم بحیثیت مجموعی قومی کشمکش کی سیاست کے تابوت میں آخری کیل ٹھوکنے کا پر عزم فیصلہ کرے تو تاریخ کا رخ بدل سکتی ہے۔ ورنہ یہ جو تھوڑی مہلت ملی ہے اس میں اگر ہم وہی قومی سیاست کا راگ الا پتے رہے اور خیر امت اور اخرجت للناس کا فریضہ ادا نہیں کیا تو یاد رہے کہ اس کے بعد ہندتوا کا ایک آخری کلایمکس آنا ابھی باقی ہے، اس کو آپ روک نہیں سکیں گے۔ یقین نہ ہوتو ملت کے بڑے لوگوں کی تحریروں کو دوبار پڑھ لیجئے- دور کیوں جائیے مولانا ابوالکلام آزاد کی شاہجہانی مسجد کے خطبے اور مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی کے خطبہ مدراس کے ابتدائی نکات کو تازہ کرلیجئے اور نظام حیدرآباد کو جو خیرخواہانہ مشورے انھوں نے دئیے تھے ان کو بھی پڑھ لیجیے۔ یا پھر 1963-64 میں آل انڈیا مجلس مشاورت کا جو پس منظر تھا اور اس موقع پر ملت کے اکا برین نے جو بیانات دیے تھے انھیں کو تازہ کرلیجئے صرف مولانا علی میاں مرحوم کی تقریر دوبار سن لیجئے اور ڈاکٹر سید محمود کے تبصرے کو دیکھ لیجئے یا اس وقت کی روداد ہی کم ازکم پڑھ لیجئے۔

    بہرحال ہندتوا فورسیز کی نصف شکست نے ایک نیا چیلنج کھڑا کردیا ہے مکمل شکست ہوتی تو بات دوسری تھی۔ یہ تو معاملہ ہی دوسرا ہے۔ کہیں یہ ایک وقفہ جیسا نہ ہوجائے۔ ملکی سیاست کی زمین اور آسمان کا رنگ نہیں بدلا ہے۔ نہیں بھولنا چاہیے کہ بس ابھی چند ماہ اور ایک ڈیڑھ سال میں کئی ریاستوں کے الیکشن بھی ہیں۔ نئی حکمت عملی کے ساتھ چوٹ کھایے ہوئے اژدھے کی طرح وہ ازسر نو میدان میں اتریں گے۔ ان کی تنظیمی قوت وسائل و ذرائع اور کمٹمنٹ سب پر نظر رہے۔ قدرت نے دونوں کو کام کرنے کا موقع دیا ہے، ہندتوا سیاست کو بھی اور جمہوری و مذہبی رواداری کی قوتوں کو بھی، کلچرل نیشنلزم کو بھی اور دستوری قومیت کے علمبرداروں کو بھی۔ بلکہ ابھی بھی تعداد میں جادوئی نمبر نہ سہی لیکن بحیثیت مجموعی تنظیمی قوت ہو یا دوسرے وسائل و ذرائع ہوں پلڑا انھیں کا بھاری ہے۔ دونوں کا میزانیہ دیکھیے گا تو ابھی بھی جمہوری قدروں کےعلمبرداروں کے اسکور کی قوت کم ہے-

    ایک اور پہلو ہے ایم پی کی تعداد ان کی کم تو ہوئی ہے لیکن نفوذ اور پھیلاؤ بڑھا ہے- کیرالا میں ایک ایم پی کا ہونا بہت معنی رکھتا ہے، کانگریس کے بارے میں یہ واضح رہنا چاہیے کہ کیرالا کے کانگریسی بھی بدلیں گے تو ایک جست میں بھا جپائی ہوجائیں گے- جنوب کی ریاستوں میں بی جے پی کی رسائی ایک بڑا اہم قدم ہے۔کرناٹک،آندھرا اور تلنگانہ ہر جگہ نفوذ ہوگیا ہے۔

    اس لیے حالات کو فوری سرکار بنانے اور نہ بنانے، جادوئی تعداد تک پہنچنے اور نہ پہنچنے کے زاویے سے مت دیکھیے۔ بلکہ تاریخی قوت کے پورے بہاؤ اور بدلاؤ کو تمام پہلوؤں سے دیکھیے۔تب آپ چیلنجز اور امکانات پر غور و فکر کا حق ادا کرسکتے ہیں۔

  • یونیفارم سول کو ڈ کی حمایت میں قوانین کی یکسانیت کا فسانہ

    یونیفارم سول کو ڈ کی حمایت میں قوانین کی یکسانیت کا فسانہ

    یونیفارم سول کو ڈ کی حمایت میں ایک دلیل یہ دی جاتی ہے کہ ایک ملک میں دو قانون نہیں ہوسکتے سب لوگوں کی لئے ایک ہی سول قانون ہونا چاہیے- آئیے پہلے ملک میں قوانین کی یکسانیت کے اس بے بنیاد تصور کا جائزہ لیں ۔ یہ بات دلچسپ سے خالی نہیں ہے کہ ہندوتوا بریگیڈ اکثر بعض معاملات میں تنوع پر فخر کرتی ہے، جیسے ہندوؤں کی طرف سے لاکھوں دیوتاؤں کی پوجا،مختلف ہندو آبادیوں میں روایات اور ثقافتوں میں تنوع البتہ ان معاملات میں جہاں مسلمان کا معاملہ آتا ہے تو فوراً ایک ملک ایک قانون کا راگ الاپنا شروع کردیتے ہیں – وہ لایعنی بحث کرنے لگتے ہیں کہ جب ملک کے سول اور کریمنل لاز میں یکسانیت ہے تو پھر ملک کے تمام باشندوں کے لئے یکسان سول کو ڈ یا فیملی لاز میں یکسانیت کیوں نہیں ۔ تاہم سچائی یہ ہے کہ سول قوانین کی کیا بات کی جائے، جو بنیادی طور پر افراد اور خاندانوں سے متعلق ہیں ، فوجداری قوانین اور ریاستوں کے اختیارات بھی یکساں نہیں ہیں ۔ وہ خود آئین کی دفعہ 370 کی مثال دیتے ہوئے کبھی نہیں تھکتے تھے، جس نے جموں و کشمیر کو خاص حالات کی وجہ سے خصوصی حیثیت دے رکھی تھی، جب کہ اس نے آزادی کے وقت ہندوستان میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن وہ دوسری بہت سی ریاستوں کی اسی طرح کی مثالوں کو بھول جاتے ہیں جو کہ ملک کے آئین کے حصہ XXI میں شامل ہیں :

    دفعہ 369 پارلیمنٹ کو ریاستی فہرست میں بعض معاملات کے حوالے سے قانون بنانے کا عارضی اختیار دیتی ہے جو کہ کنکرنٹ لسٹ کے معاملات ہیں ۔ یعنی ایک ہی معاملہ میں مرکز کو اور ریاستوں کو الگ الگ قانون بنانے کا اختیار خود ملک کے دستور نے دے رکھا ہے۔ درج ذیل مثالیں ملاحظہ فرمائیں :

    آرٹیکل 370 {ریاست جموں و کشمیر کے حوالے سے عارضی دفعات} (اب منسوخ، آرٹیکل 371 {مہاراشٹر اور گجرات کی ریاستوں کے حوالے سے خصوصی انتظام}، آرٹیکل 371A {ناگالینڈ ریاست کے حوالے سے خصوصی انتظام}، آرٹیکل 371B {آسام ریاست کے حوالے سے خصوصی انتظام}، آرٹیکل 371C {ریاست منی پور کے حوالے سے خصوصی انتظام}، آرٹیکل 371D {ریاست آندھرا پردیش کے حوالے سے خصوصی دفعات، آرٹیکل 371E {آندھرا پردیش میں مرکزی یونیورسٹی کا قیام}، آرٹیکل 371F (ریاست سکم کے حوالے سے خصوصی دفعات)، آرٹیکل 371G {ریاست میزورم کے حوالے سے خصوصی انتظام، آرٹیکل 371H {ریاست اروناچل پردیش کے حوالے سے خصوصی انتظام}، آرٹیکل 371I {گوا ریاست کے حوالے سے خصوصی انتظام}

    یہ تمام قوانین ہماچل پردیش، گوا، آندھرا پردیش، آسام اور ناگالینڈ سمیت مختلف ریاستوں کو مختلف حقوق و اختیارات دیتے ہیں ۔ حال ہی میں تریپورہ کے لیے جو آرمڈ فورسز اسپیشل پاور ایکٹ بنایا گیا تھا، ریاستی اسمبلی نے اس متنازعہ قانون کو منسوخ کر دیا ہے جس نے ہندوستانی فوج کو وسیع اختیارات دے رکھے تھے اور تقریباً دو دہائیوں سے شمال مشرقی ریاست تریپورہ میں مبینہ جرائم کے ارتکاب کے باوجود سیکورٹی فورسز کو تحفظ فراہم کرتا تھا۔

    اسی طرح ہندی قومی زبان ہونے کے باوجود، مختلف ریاستوں کی زبان کی اپنی پالیسی ہے جب کہ ان ریاستوں کی غالب اکثریت ھندو ہی ہیں – کرناٹک، کیرالہ اور تمل ناڈو جیسی ریاستوں میں آپ کو ہندی میں شاید ہی کوئی ہورڈنگز کہیں نظر آئیں ۔

    ہندوستان میں شراب سے قوانین مختلف ریاستوں میں مختلف ہیں ۔ گجرات، منی پور، بہار (حالیہ) اور ناگالینڈ کے ساتھ ساتھ مرکز کے زیر انتظام علاقہ لکشدیپ میں شراب پینا ممنوع ہے۔ کیرالہ حکومت نے شراب پر تقریباً مکمل پابندی کو مرحلہ وار نافذ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جسے 2014 کی تیسری سہ ماہی سے شروع کیا جاچکا ہے اور مکمل امتناع میں 10 سال لگیں گے۔ یہ اور بات ہے کہ پابندی کے باوجود شراب آسانی سے دستیاب ہوجاتی ہے، اور اس کے لیے مشورے دینے والی ویب سائٹس بھی موجود ہیں ۔ دیگر تمام ریاستیں شراب نوشی کی اجازت دیتی ہیں لیکن شراب پینے کی قانونی عمر بھی متعین کرتی ہیں ۔ بعض ریاستوں میں ، شراب پینے کی قانونی عمر مختلف قسم کے الکحل مشروبات کے لیے مختلف بھی ہے۔

    دلچسپ بات یہ ہے کہ گائے کے ذبیحہ سے متعلق قوانین بھی، جو کہ حالیہ برسوں میں ایک مسئلہ بن چکے ہیں ، یکساں نہیں ہیں ۔ مویشیوں کے ذبیحہ کو کنٹرول کرنے والے ریاستی قوانین میں بھی یکسانیت کا فقدان ہے۔ دہلی، گجرات، مہاراشٹر، مدھیہ پردیش، پنجاب، راجستھان اور اتر پردیش میں سخت ترین قوانین ہیں ، جہاں گائے اور اس کی اولاد بشمول ہر عمر کے بیل اور بیلوں کے ذبیحہ پر بھی مکمل پابندی ہے۔ زیادہ تر ریاستوں میں ہر عمر کی گائے کے ذبیحہ پر پابندی ہے۔ تاہم، آسام اور مغربی بنگال کے قانون بالترتیب 10 اور 14 سال سے زیادہ عمر کی گایوں کو ذبح کرنے کی اجازت دیتے ہیں ۔ زیادہ تر ریاستیں بچھڑوں کو ذبح کرنے پر پابندی عائد کرتی ہیں ، چاہے وہ نر ہو یا مادہ ۔ بہار اور راجستھان کو چھوڑ کر، جہاں ایک بچھڑے کی عمر 3 سال سے کم ہے، دیگر ریاستوں نے بچھڑے کی عمر کی وضاحت نہیں کی ہے۔

    گائے کے ذبیحہ کی سزا بھی مختلف ریاستوں میں مختلف ہے۔ دہلی، گوا، پڈوچیری، پنجاب اور اتر پردیش میں مویشیوں کے ذبیحہ سے متعلق ریاستی قوانین کی خلاف ورزی قابل دست اندازی اور ناقابل ضمانت جرم ہیں جبکہ دیگر ریاستوں میں جرائم صرف قابل دست اندازی ہوں گے۔ قید کی زیادہ سے زیادہ مدت بھی مختلف ہے جو 6 ماہ سے 5 سال تک ہوسکتی ہے-

    دیگر شمال مشرقی ہندوستان کی ریاستیں مثلاً اروناچل، میزورم، میگھالیہ، ناگالینڈ، تریپورہ اور سکم میں بھی کوئی پابندی نہیں ہے۔ منی پور میں مہاراجہ نے 1939 میں گائے کے ذبیحہ پر مقدمہ چلانے کا حکم دیا تھا لیکن یہان بھی گائے کا گوشت بڑے پیمانے پر کھایا جاتا ہے۔”

    کئی بڑے مسلم لیڈروں کے مطالبات کے باوجود نہ تو حکومت نے ملک کی تمام ریاستوں میں گائے کے گوشت پر تمام شکلوں میں یکساں پابندی لگانے کے لیے کوئی بل متعارف کروایا اور نہ ہی ہندوتوا بریگیڈ نے اس کا مطالبہ کیا ہے۔ وہ اس پر صرف فرقہ وارانہ جنون پیدا کرنے اور مسلمانوں کے خلاف ہتھیار کے طور پر اس کا استعمال کرتے رہے ۔ انہوں نے بنیادی طور پر ان ہی ریاستوں میں اس پر پابندی عائد کی ہے جہاں مسلمان اسے کھاتے تھے اور اس کی تجارت میں ملوث تھے۔ یہ بات بھی دلچسپی سے خالی نہیں ہوگی کہ اس وقت ببیف ایکسپورٹ کرنے والے زیادہ تر غیر مسلم ہی ہیں ۔

    دوسری اہم بات یہ ہے کہ ملک میں ٹیکس سے متعلق پالیسیاں ہر ریاست میں مختلف ہیں ۔ نتیجتاً مختلف ریاستوں میں رہنے والے لوگوں کو مختلف ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے، مختلف ریاستوں میں ایک ہی چیز کی قیمت بھی مختلف ہوتی ہے۔ فرید آباد، گڑگاؤں اور دہلی، این سی آر کے مختلف حصوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بھی مختلف ہیں ۔ تعلیم اور ملازمتوں میں ریزرویشن کی پالیسیز بھی مختلف کمیونٹیز کے لیے مختلف ہے، جن میں درج فہرست ذاتیں زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کر رہی ہیں اس کے بعد دیگر پسماندہ طبقات ہیں ۔ مختلف طبقات کی طرف سے ریزرویشن پالیسی کو ذات کے بجائے طبقاتی بنیادوں پر تبدیل کرنے کا بار بار مطالبہ کیا جا رہا ہے نیز ریزرویشن پر مکمل پابندی لگانے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

    "بنیادی حقوق” پوری دنیا کے تمام آئین کا اور لازمی جز ہیں ۔ "بنیادی حقوق” سے مراد افراد کے اپنے متعلق معاملات میں حقوق ہیں ، جن کا اطلاق خاندانوں اور برادریوں پر ان معاملات میں ہوتا ہے جو دوسروں کو متاثر نہیں کرتے۔ کسی کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ ان پر اپنا قانون نافذ کرے۔ پرسنل لا ایک ایسی چیز ہے جو خالصتاً مسلمانوں کا اندرونی معاملہ ہے، جس سے دوسری کمیونٹیز پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔

    اگر اسلامی قوانین کی تشریح اور نفاذ کے طریقہ کار میں کوئی سوال ہے تو یہ کمیونٹی کا اندرونی معاملہ ہے، اس کے علما و صلحا اسلام کے بنیادی اصولوں کی روشنی میں ان پر اجتہاد کریں – البتہ جو منصوصات ہیں ان پر گفتگو نہیں ہوسکتی ہے۔ البتہ فقہی اختلافات میں افہام و تفہیم کی گنجائش رہنی چاہیے اور مختلف مکاتب فکر کی آراء سے استفادہ کا رجحان بڑھنا چاہیے

    ہندوتوا بریگیڈ کبھی بھی ملک میں معاشی عدم مساوات کے مسئلہ کو نہیں اٹھاتا اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کی بات نہیں کرتا اس لئے کہ ملک میں معاشی تفاوت کے سب سے زیادہ ذمہ دار ھندوؤن کی اعلیٰ ذات ہی ہیں ۔ اسی طرح وہ ہندو اور مسلم برادریوں کے درمیان اقتصادی عدم مساوات کا ذکر بھی پسند نہیں کریں گے، جو کہ ایک بار پھر بہت بڑا مسئلہ ہے۔ اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ "ریاست کو دولت اور ذرائع پیداوار کے چند ہاتھوں میں ارتکاز کو روکنے کے لیے کام کرنا چاہیے، اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ مادی وسائل کو عوام کی فلاح ق بہبود کے لئے استعمال کیا جائے۔ فوربس کی 100 امیر ترین ہندوستانیوں کی فہرست بخوبی یہ اندازہ ہوتا ہےکہ دولت صرف اونچی ذات کے ہندوؤں بالخصوص ویشیوں کے ہاتھ میں ہی مرکوز ہے۔ لیکن ہندوتوا بریگیڈ نہ صرف یہ کہ اس پر بات نہیں کرتی بلکہ ایسے اقدامات کی حمایت کرتی ہے جو اس عدم مساوات کو مزید بڑھاوا دیتے ہیں ۔ آئیے ہم کچھ ہدایتی اصولوں اور ان کے اطلاق پر گفتگو کرتے ہیں ۔

    آرٹیکل 38 ایک ایسا ماڈل تیار کرنے کی کوششوں کا مطالبہ کرتا ہے جس سے معاشی عدم مساوات میں اضافہ نہ ہو۔ جب کہ سچائی یہ ہے کہ یکے بعد دیگرے آنے والی حکومتیں اس کے بالکل برعکس کام کرتی رہی ہیں اور معاشی عدم مساوات خطرناک حد تک پہنچ چکاہے۔

    دفعہ 39 تمام شہریوں کے لیے مناسب ذریعہ معاش، مردوں اور عورتوں کے لیے یکساں کام کی یکساں اجرت، مناسب کام کے حالات، دولت کے ارتکاز اور پیداوار کے ذرائع کو چند ہاتھوں میں محدود اور ان کی عوام کی بھلائی کی تقسیم پر زور دیتی ہے۔ یہاں بھی پچھلی چند دہائیوں میں حکومتی پالیسیاں بالکل برعکس رہی ہیں – موجودہ حکومت نے کارپوریٹ ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں پچھلی ساری حکومتوں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اگر ہم فوربز کی 100 امیر ترین ہندوستانیوں کی فہرست دیکھیں تو پتہ چلتا ہے کہ دولت صرف اونچی ذات کے ہندوؤں بالخصوص ویشیوں کے ہاتھ میں مرتکز ہے۔ لیکن ہندوتوا بریگیڈ نہ صرف اس پر بات نہیں کرتابلکہ ایسے اقدامات کی حمایت کرتا رہتا ہے جو اس عدم مساوات کو مزید فروغ دیتے ہیں ۔

    پچھلےکئی سالوں سے راقم سالانہ بجٹ میں اقتصادی تفاوت انڈیکس (شہریــ دیہی اور مختلف کمیونیٹیز کے درمیان) متعارف کرانے کا مطالبہ کر رہا ہے۔ لیکن معاشی تفاوت اب بھی سیاست کے ساتھ ساتھ میڈیا میں سب سے کم زیر بحث ہے۔ دفعہ 41-43 ریاست کو حکم دیتی ہے کہ وہ تمام شہریوں کو کام کرنے کا حق، اجرت، سماجی تحفظ، زچگی کی امداد اور ایک مہذب معیار کو محفوظ بنانے کی کوشش کرے۔ ان دفعات کا مقصد ایک سوشلسٹ ریاست کا قیام ہے لیکن اس کے برخلاف ہم معیشت کی تیزی سے نجکاری کا مشاہدہ کر رہے ہیں ۔ دفعہ 43 ریاست کو کاٹیج انڈسٹری، کھادی، ہینڈلوم وغیرہ کو فروغ دینے کی ذمہ داری بھی دیتی ہے۔ لیکن یہاں بھی کارپوریٹ سیکٹر اور حکومت کے تال میل کے ذریعے چھوٹے پیمانے کی صنعت کا جان بوجھ کر گلا گھونٹا جا رہا ہے۔

    دفعہ 39A ریاست سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ مفت قانونی امداد فراہم کرے تاکہ معاشی یا دیگر معذوریوں سے قطع نظر تمام شہریوں کو انصاف کا حصول یقینی بنایا جا سکے ۔ ملک میں انصاف مہنگا سے مہنگا تر ہوتا جا رہا ہے جب کہ قانونی مشینری ایک بڑی صنعت بن رہی ہے۔ جرائم کم ہونے کے بجائے ہر دن نئی بلندیوں کو چھو دفعہ 39 تمام شہریوں کے لیے مناسب ذریعہ معاش فراہم کرنے، مردوں اور عورتوں کے لیے یکساں کام کے لیے یکساں تنخواہ، مناسب کام کے حالات، دولت کے ارتکاز اور پیداوار کے ذرائع کو چند لوگوں کے ہاتھوں سے کم کرنے اور سماجی وسائل کی عام بھلائی کے لئے تقسیم پر زور دیتی ہے۔ یہاں بھی پچھلی چند دہائیوں میں حکومتی پالیسیاں بالکل برعکس رہی ہیں اور موجودہ بی جے پی حکومت نے کارپوریٹ ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں پچھلی حکومتوں کو بھی بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اگر ہم فوربز کی 100 امیر ترین ہندوستانیوں کی فہرست دیکھیں تو دولت صرف اونچی ذات کے ہندوؤں بالخصوص ویشیوں کے ہاتھ میں مرتکز پائی دکھائی دیتی ہے۔ لیکن ہندوتوا بریگیڈ نہ صرف اس پر بات نہیں کرتابلکہ ایسے اقدامات کی حمایت بھی کرتا رہتا ہے جو اس عدم مساوات کو مزید فروغ دیتے ہیں ۔

    پچھلےکئی سالوں سے راقم سالانہ بجٹ میں اقتصادی تفاوت انڈیکس (شہریــ دیہی اور مختلف کمیونیٹیز کے درمیان) متعارف کرانے کا مطالبہ کر رہا ہے۔ لیکن معاشی تفاوت اب بھی سیاست کے ساتھ ساتھ میڈیا میں سب سے کم زیر بحث ہے۔ دفعہ 41-43 ریاست کو حکم دیتی ہے کہ وہ تمام شہریوں کو کام کرنے کا حق، اجرت، سماجی تحفظ، زچگی کی امداد، اور ایک مہذب معیار کو محفوظ بنانے کی کوشش کرے۔ ان دفعات کا مقصد ایک سوشلسٹ ریاست کا قیام ہے لیکن اس کے برخلاف ہم معیشت کی تیزی سے نجکاری کا مشاہدہ کر رہے ہیں ۔ دفعہ 43 ریاست کو کاٹیج انڈسٹری، کھادی، ہینڈلوم وغیرہ کو فروغ دینے کی ذمہ داری بھی دیتی ہے۔ لیکن یہاں بھی کارپوریٹ سیکٹر اور حکومت کے تال میل کے ذریعے چھوٹے پیمانے کی صنعت کا جان بوجھ کر گلا گھونٹا جا رہا ہے۔

    دفعہ 39A ریاست سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ مفت قانونی امداد فراہم کرے تاکہ معاشی یا دیگر معذوری سے قطع نظر تمام شہریوں کو انصاف کے حصول کے مواقع کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ ملک میں انصاف مہنگا سے مہنگا ہوتا جا رہا ہے جب کہ قانونی مشینری ایک بڑی صنعت بن رہی ہے۔ جرائم کم ہونے کے بجائے ہر دن نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں ۔

    دفعہ 43A ریاست کو صنعتوں کے انتظام میں مزدوروں کی شرکت کو یقینی بنانے کا حکم دیتی ہے۔ بائیں بازو کی تحریک کے کمزور ہونے کے بعد اب ان کی آواز اٹھانے والا کوئی نہیں ہے۔دفعہ 45 نے لازمی قرارد یا ہے کہ چھ سے چودہ سال کی عمر کے بچوں کو مفت اور لازمی تعلیم فراہم کی جائے۔ یہ شاید واحد رہنما اصول ہے جس پر توجہ مبذول کی گئی ہے۔دفعہ 47 ریاست کومعیار زندگی بلند کرنے ، صحت عامہ کو بہتر بنانے اور صحت کے لیے نقصان دہ نشہ آور مشروبات اور منشیات کے استعمال پر پابندی لگانے کا پابند بناتی ہے۔ اس کے برعکس شراب کی صنعت تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ شراب کے استعمال اور اس سے متعلق مسائل معاشرے میں تباہی پھیلا رہے ہیں جس سے عصمت دری، حادثات سمیت دیگر خطرات اور جرائم میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔دفعہ 48 ریاست کو زراعت اور جانوروں کی افزائش کو جدید اور سائنسی خطوط پر منظم کرنے، جانوروں کی بہتر نسلوں کی افزائش اور مویشیوں کے ذبیحہ پر پابندی لگانے کا حکم دیتی ہے۔ اس حوالے سے بھی جو کچھ کام ہوا ہے اسےتسلی بخش نہیں کہا جا سکتا۔

    دفعہ 48A ریاست کو ماحولیات کی حفاظت اور ملک کے جنگلات اور جانوروں کی زندگی کی حفاظت کا حکم دیتی ہے، جب کہ دفعہ 49 ریاست پر یہ ذمہ داری عائد کرتی ہے کہ وہ قومی اہمیت کی یادگاروں اور اشیاء کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ لیکن دونوں محاذوں پر مکمل ناکامی ہے۔ بڑھتی ہوئی صنعت کاری اور شہری کاری کے ساتھ ماحولیات اور صحت عامہ سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے۔عدلیہ کی آزادی کو یقینی بنا نے کے لیے دفعہ 50 ریاست سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ عوامی خدمات میں عدلیہ اور انتظامیہ میں علیحدگی کو یقینی بنائےاور اس مقصد کے حصول کے لیے وفاقی قانون سازی بھی کی گئی ہے۔ عدلیہ میں سیاسی مداخلت بڑھ رہی ہے۔ جب ریٹائرڈ ججوں کو گورنر بنایا جاتا ہے تو ججوں کے لیے یہ ایک بہت واضح پیغام ہوتا ہے کہ حکومت کے حق میں کام کریں گے تو ریٹائرمنٹ کے بعد ان کا مستقبل شاندار ہوگا۔

    دلچسپ بات یہ ہے کہ جب یکساں سول کوڈ کی بات آتی ہے تو وزیر اعظم ’’ایک ملک، ایک قانون‘‘ کی بات کرتے ہیں ۔ لیکن، جب سی اے اے کے بشمول دوسرے مسائل آتے ہیں تو قانون ہندوؤں اور مسلمانوں کے لیے مختلف ہو جاتا ہے۔ اگر کوئی مسلمان ہے تو اسے ہندوستانی شہریت اختیار کرنے کی اجازت نہیں ہے، اس حقیقت کے باوجود کہ اس نے اپنے آبائی ملک ہندوستان کا انتخاب کیا ہے، جس پر ہندوستان کو فخر کرنا چاہئے تھا۔

    باوجود اس کے کہ مسلم پرسنل لاء کو اسلامی خطوط اور روح سے ہم آہنگ کرنے کے لیے کچھ اصلاحات کی ضرورت ہے، مسلمان مسلم پرسنل لاء پر عمل کرنا چاہتے ہیں ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ ہر سطح پر انفرادی ،خاندانی اور سماجی اسلام کو امن کا ضامن سمجھتے ہیں اور اسلام پر کامل یقین رکھتے ہیں ۔ ہم اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے کیوں کہ سمجھوتہ کا مطلب یہ ہو گا کہ ہم یا تو دوسرے مذاہب کے پرانےاور مسخ شدہ نسخوں کو قبول کریں جن پر ان کے اپنے لوگ بھی عمل نہیں کر رہے ہیں یا ان جدید اصولوں کو قبول کرلیں جن کے پیش نظر اصلا تجارت ہےاور امن و امان و صحتعامہ بس ایک دکھاوا ہے- ہندو مذہب کی اصل شکل میں طلاق کا کوئی نظام نہیں تھا، کیونکہ اسلام کی طرح شادی کوئی معاہدہ نہیں بلکہ ایک اٹوٹ بندھن تھا جس میں والدین کی طرف سے لڑکی شوہر کو بطور عطیہ دی جاتی تھی۔ پرانے صحیفے انسان کی لاتعداد شادیوں کی اجازت دیتے ہیں ۔کرشن کی 8 رسمی بیویاں تھیں اور کئی ہزار دیگر بیویاں تھیں ۔

    کچھ ہندو قبائل میں خواتین کے ایک سے زیادہ شوہر رکھنے کا رواج بھی ہے ۔ کچھ ہندو اسکالرس جو آبادی میں مردو خواتین کے گھٹتے تناسب کو دیکھتے ہوئےآج بھی اس کے حامی ہیں اور اس مسئلہ کا اسے واحد حل سمجھتے ہیں ۔ روایتی مذہب میں ہندو خواتین کو بھی مساوی مذہبی حقوق حاصل نہیں تھے۔ ستی پرتھا کو پسندیدہ سمجھا جاتا تھا جو ایک عورت کو اپنے شوہر کی موت پر مثالی طور پر پیش کرنا تھا۔ مطلقہ کی دوبارہ شادی کا کوئی امکان نہیں تھا۔ ہندوؤں نے ان میں سے اکثر رواجوں پر سمجھوتہ کیا ہے اور اسلام سے سیکھ لیتے ہوئےانہوں نے مطلقہ مرد اور بیواؤں کی شادیوں کی اجازت دی ہے۔ عورتوں کے لیے وراثت کا کوئی انتظام نہیں تھا۔ یہاں پھر انھوں نے اسلام سے سیکھ لی ہے۔ اسلا م پہلا مذہب ہے جس نے عورتوں کو والدین، بچوں اور شوہروں کی وراثت میں حق دیا۔

    جہاں تک جدید نظاموں کا تعلق ہے تو وہ بالکل ناقابل قبول ہیں کیونکہ وہ عورت سمیت انسان کو انسان کے بجائے مال تجارت سمجھتے ہیں ۔یہاں جائز وناجائز کی تمام حدیں مادی مفادات کے گرد گھومتی ہیں ۔ مارکیٹ کے زیر کنٹرول فیمنزم نے ماضی کے کسی بھی نظام کے مقابلے میں ہر کسی کو خاص طور پر خواتین اور بچوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ رہے ہیں ۔

    دفعہ 43A ریاست کو صنعتوں کے انتظام میں مزدوروں کی شرکت کو محفوظ بنانے کے لیے کام کرنے کا حکم دیتی ہے۔ بائیں بازو کی تحریک کے کمزور ہونے کے بعد اب ان کی کوئی آواز اٹھانے والا نہیں ہے۔دفعہ 45 نے لازمی قرارد یا ہے کہ چھ سے چودہ سال کی عمر کے بچوں کو مفت اور لازمی تعلیم فراہم کی جائے۔ یہ شاید واحد رہنما اصول ہے جس کی توجہ مبذول کی گئی ہے۔دفعہ 47 ریاست کومعیار زندگی بلند کرنے ، صحت عامہ کو بہتر بنانے اور صحت کے لیے نقصان دہ نشہ آور مشروبات اور منشیات کے استعمال پر پابندی لگانے کا پابند کرتی ہے۔ شراب کی صنعت تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ جہاں اس پرپابندی لگائی جاتی ہےوہاں مختلف لابیاں جلد ہی اسے ناکامی میں بدل دیتی ہیں ۔ شراب کے استعمال اور اس سے متعلق مسائل معاشرے میں تباہی پھیلا رہے ہیں جس سے عصمت دری، حادثات سمیت الکحل اور منشیات سے متعلق دیگر خطرات اور جرائم میں بہت تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔دفعہ 48 کے تحت ریاست زراعت اور جانوروں کو جدید اور سائنسی خطوط پر منظم کرنے، جانوروں کی بہتر نسلوں کی افزائش اور مویشیوں کے ذبیحہ پر پابندی لگا کر کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے بھی جو کچھ کام ہوا ہے اسےتسلی بخش نہیں کہا جا سکتا۔

    دفعہ 48A ریاست کو ماحولیات کی حفاظت اور ملک کے جنگلات اور جنگل کی زندگی کی حفاظت کا حکم دیتی ہے، جب کہ دفعہ 49 ریاست پر یہ ذمہ داری عائد کرتی ہے کہ وہ قومی اہمیت کی یادگاروں اور اشیاء کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ لیکن دونوں محاذوں پر تقریباً مکمل ناکامی ہوئی ہے۔ بڑھتی ہوئی صنعت کاری اور شہری کاری کے ساتھ ماحولیات اور صحت عامہ سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہیں ۔عدلیہ کی آزادی کو یقینی بنا نے کے لیے دفعہ 50 ریاست سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ عوامی خدمات میں عدلیہ کو انتظامیہ سے علیحدگی کو یقینی بنائےاور اس مقصد کے حصول کے لیے وفاقی قانون سازی بھی کی گئی ہے۔ عدلیہ میں سیاسی مداخلت بڑھ رہی ہے۔ جب ریٹائرڈ ججوں کو گورنر بنایا جاتا ہے تو ججوں کے لیے یہ ایک بہت واضح پیغام ہوتا ہے کہ حکومت کے حق میں کام کریں گے تو ریٹائرمنٹ کے بعد ان کا مستقبل شاندار ہوگا۔

    دلچسپ بات یہ ہے کہ جب یکساں سول کوڈ کی بات آتی ہے تو وزیر اعظم ’’ایک ملک، ایک قانون‘‘ کی بات کرتے ہیں ۔ لیکن، جب سی اے اے کے بشمول دوسرے مسائل آتے ہیں تو قانون ہندوؤں اور مسلمانوں کے لیے مختلف ہو جاتا ہے۔ اگر کوئی مسلمان ہے تو اسے ہندوستانی شہریت اختیار کرنے کی اجازت نہیں ہےاس حقیقت کے باوجود کہ اس نے اپنے آبائی ملک پر ہندوستان کا انتخاب کیا ہے، جس پر ہندوستان کو اس سے نفرت کرنے کی بجائے فخر کرنا چاہئے۔

    "بنیادی حقوق” پوری دنیا کے تمام آئین کا حصہ اور لازمی جز ہیں ۔ "بنیادی حقوق” سے مراد افراد کے اپنے متعلق معاملات میں حقوق ہیں ، جن کا اطلاق خاندانوں اور برادریوں پر ان معاملات میں ہوتا ہے جو دوسروں کو متاثر نہیں کرتے ہیں ۔ کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ ان پر اپنا قانون نافذ کرے۔ پرسنل لا ء خالصتاً مسلمانوں کا اندرونی معاملہ ہے، جس سے دوسری کمیونٹیز پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔ اگر اسلامی قوانین کی تشریح اور نفاذ کے طریقہ کار میں کوئی مسئلہ ہے تو ان کا حق ہے اور وہ اس پر آپس میں بحث کریں اور اسلام کے اصولوں کی روشنی میں اصلاحی اقدامات کریں ۔ یہی انفرادی ، خاندانی اور سماجی سطح پر سب سے زیادہ متوازن اور قابل عمل ہے ۔ اگر ان کے کچھ اندرونی مسائل ہیں تو انہیں حالات کا جائزہ لے کر صرف ایک مکتبہ فکر پر اصرارکرنے کے بجائے اسلام کے اندر مختلف مکاتب فکر کی آراء سے استفادہ کرنا چاہیے۔

    باوجود اس کے کہ مسلم پرسنل لاء کو اسلامی خطوط اور روح سے ہم آہنگ کرنے کے لیے کچھ اصلاحات کی ضرورت ہے، مسلمان مسلم پرسنل لاء پر عمل کرنا چاہتے ہیں ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ ہر سطح پر انفرادی ،خاندانی اور سماجی،اسلام ہی کو امن کا ضامن تصور کرتے ہیں اور اس پر کامل یقین رکھتے ہیں ۔ ہم اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے کیوں کہ سمجھوتہ کا مطلب یہ ہو گا کہ ہم یا تو دوسرے مذاہب کے پرانےاور مسخ شدہ نسخوں کو قبول کرلیں ، جن پر ان کے اپنے لوگ بھی عمل نہیں کر رہے ہیں ۔ ہندو مذہب میں اصلا طلاق کا کوئی نظام نہیں تھا، کیونکہ اسلام کی طرح شادی کوئی معاہدہ نہیں بلکہ ایک اٹوٹ بندھن تھا جس میں والدین کی طرف سے لڑکی شوہر کو بطور عطیہ دی جاتی تھی۔ پرانے صحیفے بھی مرد کو لاتعداد شادیوں کی اجازت دیتے ہیں ۔کرشن کی 8 رسمی بیویاں تھیں اور کئی ہزار دیگر بیویاں تھیں ۔

    کچھ ہندو قبائل میں خواتین کے ایک سے زیادہ شوہر رکھنے کا رواج بھی ہے ۔ کچھ ہندو اسکالرس جو آبادی میں مردو خواتین کے گھٹتے تناسب کو دیکھتے ہوئےآج بھی اس کے حامی ہیں اور اس مسئلہ کا اسے واحد حل سمجھتے ہیں ۔ روایتی مذہب میں ہندو خواتین کو بھی مساوی مذہبی حقوق حاصل نہیں تھے۔ ستی پرتھا کو پسندیدہ سمجھا جاتا تھا۔ مطلقہ کی دوبارہ شادی کا کوئی امکان نہیں تھا۔ ہندوؤں نے ان میں سے اکثر رواجوں کو ختم کردیا ہے اور اسلام سے استفادہ کرتے ہوئے انہوں نے بھی مطلقہ مرد اور بیواؤں کی شادی کی اجازت دی ہے۔ عورتوں کے لیے وراثت کا کوئی انتظام نہیں تھا۔ یہاں بھی انھوں نے اسلام سے ہی سیکھ لی ہے۔ اسلا م واحد مذہب ہے جس نے عورتوں کو والدین، بچوں اور شوہروں کی وراثت میں حق دیا۔

    جہاں تک جدید نظاموں کا تعلق ہے تو وہ بالکل ناقابل قبول ہیں ، کیونکہ وہ عورت سمیت انسان کو انسان کے بجائے مال تجارت سمجھتے ہیں ۔یہاں جائز وناجائز کی تمام حدیں مادی مفادات کے گرد گھومتی ہیں ۔ مارکیٹ کے زیر کنٹرول فیمنزم نے ماضی کے کسی بھی نظام کے مقابلے میں ہر کسی کو خاص طور پر خواتین اور بچوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔

  • اسٹیبلشمنٹ کے سیاسی کتے

    اسٹیبلشمنٹ کے سیاسی کتے

    نواز لیگ کے سربراہ میاں نواز شریف نے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی اور گیس کتنی اور مہنگی ہوگی؟ عوام کے صبر کو کب تک آزمائیں گے۔ (روزنامہ جنگ کراچی، 19 مارچ 2024ء)

    صرف میاں نواز شریف نہیں ان کا پورا خاندان دنیا اور اسٹیبلشمنٹ کا کتا ہے مگر مذکورہ بالا بیان میں میاں نواز شریف کتے کے بجائے شیر کی طرح دھاڑ رہے ہیں اس بیان سے ایسا لگ رہا ہے کہ عمران خان اقتدار میں ہیں اور میاں نواز شریف قائد حزب اختلاف کی حیثیت سے عمران خان کو یاد دلارہے ہیں کہ وہ آئی ایم ایف کے اشاروں پر ناچ کر ملک و قوم کے ساتھ ظلم کررہے ہیں ۔ لیکن حقیقت حال سب کے سامنے ہے۔ عمران خان جیل میں ہیں اور ملک پر نواز لیگ کی حکومت ہے اور میاں نواز شریف کے چھوٹے بھائی میاں شہباز شریف ملک کے وزیراعظم ہیں ۔ چناں چہ میاں نواز شریف کو چاہیے کہ وہ آئی ایم ایف کے حکم پر بجلی اور گیس کے نرخ بڑھانے سے صاف انکار کردیں اور کہیں کہ اگر آئی ایم ایف نے ہم سے بجلی اور گیس کے نرخوں میں مزید اضافے کے لیے کہا تو ہم عوام پر ظلم کرنے کے بجائے اقتدار کو لات مار دیں گے، لیکن میاں نواز شریف نے ایسا کچھ کہنے کے بجائے صرف ایک بیان داغنے پر اکتفا کیا ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ ان سے اس کے سوا اور کسی چیز کی توقع بھی نہیں ۔ اسٹیبلشمنٹ کا سیاسی کتا اس کے سوا کر بھی کیا سکتا ہے؟ یہی وجہ ہے کہ میاں صاحب کے ’’انقلابی بیان‘‘ کے حوالے سے ہمیں یونیورسٹی کے زمانے میں لکھی ہوئی اپنی ایک نظم کتے بنے رہیئے یاد آگئی۔ اس نظم کا مرکزی کردار ایک کتا یعنی نواز شریف ہے۔ ذرا دیکھیے تو نظم میں کتا انقلابی بن کر کیسی تقریر کررہا ہے اور اسے ایک بلّی کیا جواب دے رہی ہے۔ نظم یہ ہے۔

    اک دن کسی بلّی سے یہ کہنے لگا کتّا

    میں ایک زمانے میں ہوا کرتا تھا بکرا

    دس سینگ تھے، نو پائوں تھے، چھے کان تھے میرے

    رہتے تھے مری تاک میں چھبیس لٹیرے

    بکروں کی ریاست میں بڑا رعب تھا میرا

    ہوتی تھی مرے حکم سے رات اور سویرا

    شیروں سے ملاقات رہا کرتی تھی اکثر

    دھو دھو کے مرے پائوں پیا کرتے تھے بندر

    میں نے کئی بگڑے ہوئے ہاتھی کیے سیدھے

    کہتے تھے مری شان میں لنگور قصیدے

    آتی تھیں مرے واسطے جنت سے غذائیں

    چلتی تھیں مرے واسطے رنگین ہوائیں

    تعمیر ہوا کرتی تھی پھولوں سے سواری

    خوشبو سے سلا کرتی تھی پوشاک ہماری

    بلّی نے سنی بات جو کتے کی، تو بولی

    حضرت کسی نادان کو دیجے گا یہ گولی

    باتوں سے مجھے آپ کی اندازہ ہوا ہے

    جو آپ کا مالک ہے وہ گپ باز بڑا ہے

    انسانوں میں گپ بازی کی عادت ہے بہت عام

    لیکن میاں حیوانوں کو گپ بازی سے کیا کام

    جو بات حقیقت میں ہو گزری، وہی کہیے

    بہتر ہے یہی بات کہ کتے بنے رہیے

    کیا ہی اچھا ہو کہ میاں صاحب کا کوئی چاہنے والا میاں صاحب کا زیر بحث بیان اور ہماری یہ نظم میاں صاحب کو پڑھوا دے۔

    شریف خاندان کی پوری تاریخ ہمارے سامنے ہے۔ شریف خاندان ایک کاروباری خاندان تھا کہ ایک دن جنرل جیلانی نے میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کے والد میاں شریف سے ملاقات کی اور کہا کہ آپ اپنا کوئی بیٹا سیاسی تربیت کے لیے اسٹیبلشمنٹ کو عطا کردیں ۔ جیسا کہ کہا جاتا ہے کہ میاں شریف نے کہا کہ میرا سب سے ناکارہ بیٹا نواز شریف ہے اسے دلیپ کمار کی فلمیں دیکھنے، محمد رفیع کے گانے سننے اور کرکٹ کھیلنے کے سوا کوئی کام نہیں ۔ چنانچہ آج سے وہ آپ کا ہوا۔ میاں شریف کو معلوم تھا کہ سیاست مال بنانے کاذریعہ ہے۔

    نواز شریف چل نکلا تو سیاست سے بہت مال بنائے گا۔ خود میاں شریف بھی ایک مال پرست انسان تھے۔ ملک کے ممتاز صحافی ضیا شاہد میاں نواز شریف کے دوست تھے۔ انہوں نے میاں نواز شریف میرا دوست کے عنوان سے ایک پوری کتاب لکھ ماری ہے۔ اس کتاب میں ضیا شاہد نے لکھا ہے کہ ایک دن ان کی ملاقات میاں شریف سے ہوئی تو انہوں نے ضیا شاہد کو بناتا کہ میں نے نواز شریف کے سیاسی کیریئر پر تین ارب روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔ ضیا شاہد نے پوچھا کہ اب نواز شریف سے آپ کی توقع کیا ہے۔ میاں شریف نے بلاتامل کہا کہ اب نواز شریف کا فرض ہے کہ وہ مجھے کم از کم 9 ارب روپے لوٹائے۔ میاں نواز شریف نے اس سلسلے میں اپنے والد کو مایوس نہیں کیا۔ وہ سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کے بلڈاگ بن چکے تھے۔ انہوں نے سیاست میں تیزی کے ساتھ ترقی کی۔ پہلے وہ پنجاب کی کابینہ کے رکن بنے۔ اسٹیبلشمنٹ ان کی پشت پر نہ ہوتی تو وہ پنجاب کے وزیر کیا پنجاب اسمبلی کے رکن بھی نہیں بن سکتے تھے۔ پھر دیکھتے ہی دیکھتے وہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ بن گئے۔ ملک کا سب سے بڑا صوبہ ان کے کنٹرول میں آگیا۔ یہی وہ وقت تھا جب جنرل ضیا الحق کی طیارے میں ہلاکت کے بعد ملک میں بے نظیر بھٹو اور کی دھماکا خیز واپسی ہوئی۔ لاہور میں بے نظیر بھٹو کا تاریخی استقبال ہوا اور اسٹیبلشمنٹ کو معلوم ہوگیا کہ اب بے نظیر بھٹو کا راستہ روکنا آسان نہیں ہوگا۔ چنانچہ اس نے میاں نواز شریف کو ملک گیر سطح کا سیاسی رہنما بنانے کا فیصلہ کیا۔ اس دور میں میاں نواز شریف نے اسٹیبلشمنٹ کے زیر سایہ اینٹی پیپلز پارٹی سیاست کی۔ انہوں نے اسلامی جمہوری اتحاد کے تحت ملک گیر انتخابی کامیابی حاصل کرنے کے لیے جاگ پنجابی جاگ کا نعرہ لگایا۔ اسٹیبلشمنٹ کے زیر سایہ اینٹی پیپلز پارٹی سیاست نے میاں نواز شریف کو جلد ہی ملک کا وزیراعظم بنادیا۔ میاں نواز شریف ایک زمانے میں کس حد تک اسٹیبلشمنٹ کے پالتو تھے اس کا اندازہ ضیا شاہد کے اس بیان سے ہوتا ہے کہ ایک دن جنرل جیلانی نے میاں نواز شریف کو ایک پارٹی میں مدعو کیا۔ میاں صاحب پارٹی میں پہنچے تو جنرل جیلانی کو نہ جانے کیا سوجھی کہ انہوں نے ایک بیرے کے سر سے ٹوپی اُتار کر اسے بھری محفل میں میاں نواز شریف کے سر پر رکھ دیا۔ میاں صاحب کی عزت نفس ہوتی تو وہ ٹوپی کو اتار پھینکتے اور جنرل جیلانی سے قطع تعلق کرلیتے مگر انہوں نے یہ دونوں کام نہیں کیے۔ وہ بیرے کی ٹوپی اوڑھے رہے اور جنرل جیلانی اس صورت حال سے لطف اندوز ہوتے رہے۔

    ایسا نہیں ہے کہ میاں نواز شریف اسٹیبلشمنٹ کی مزاحمت نہیں کی۔ انہوں نے جنرل جہانگیر کرامت کو استعفا دینے پر مجبور کیا۔ انہوں نے جنرل پرویز مشرف کو برطرف کیا۔ جنرل پرویز پہلے سے تیاری کیے ہوئے تھے۔ چناں چہ ان کے ایک اشارے پر فوج حرکت میں آگئی۔ میاں صاحب گرفتار ہوگئے اور ان کی حکومت ختم ہوگئی۔ اس صورت حال میں میاں نواز شریف کو استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنرل پرویز مشرف کی آمریت کی مزاحمت کرنی چاہیے تھی مگر ایسا کرنے کے بجائے انہوں نے جنرل پرویز کے ساتھ خفیہ معاہدہ کرلیا اور دس سال کے لیے ملک سے فرار ہوگئے۔

    پوری قوم کو میاں نواز شریف کی ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ مہم اچھی طرح یاد ہے۔ مگر پھر ایک وقت وہ آیا کہ وہ ووٹ اور اس کی عزت کو اپنے حال پر چھوڑ کر بیماری کی آڑ میں ملک سے فرار ہوگئے۔ یہ فرار جنرل باجوہ کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ میاں نواز شریف کئی سال کے بعد جلاوطنی ترک کرکے ملک واپس آئے تو نواز لیگ کے رہنمائوں کو میاں صاحب کا شایان شان استقبال کرنا تھا، مگر میاں شہباز شریف، خواجہ آصف اور احسن اقبال جیسے لوگ بھی اسٹیبلشمنٹ کے کتے تھے چنانچہ کوئی شخص بھی میاں صاحب کے استقبال کے لیے ہوائی اڈے نہ پہنچا۔ یہ بات بھی تاریخ کے ریکارڈ پر ہے کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد اسٹیبلشمنٹ کی مدد کے بغیر کامیاب نہیں ہوسکتی تھی اور میاں شہباز شریف ڈیڑھ سال کے لیے ملک کے وزیراعظم نہیں بن سکتے تھے۔

    کبھی میاں نواز شریف کا نعرہ ووٹ کو عزت دو تھا مگر 2024ء کے انتخابات میں میاں نواز شریف اور ان کے پورے خاندان نے ووٹ کو عزت دو کے بجائے بُوٹ کو عزت دو کا نعرہ لگادیا۔ چنانچہ اسٹیبلشمنٹ نے پورے انتخابی عمل پر ڈاکا ڈال کر نواز لیگ اور ایم کیو ایم کو قوم پر مسلط کردیا۔ یہ ایک ناقابل تردید حقیقت ہے کہ اگر اسٹیبلشمنٹ انتخابی عمل کو اغوا نہ کرتی تو میاں نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کامیاب نہیں ہوسکتے تھے۔ اس تناظر میں دیکھا جائے تو مرکز اور پنجاب میں نواز لیگ کا اقتدار اسٹیبلشمنٹ کے انتخابی ڈاکے کا حاصل ہے۔

    اسٹیبلشمنٹ نے پاکستانی سیاست میں کئی سیاست دانوں کو لانچ کیا۔ بھٹو صاحب ان میں سے ایک تھے۔ وہ جنرل ایوب کو ڈیڈی کہتے تھے مگر ایک وقت آیا کہ بھٹو اسٹیبلشمنٹ کے سامنے سینہ تان کر کھڑے ہوگئے۔ انہیں پی ایل او نے پاکستان سے فرار کرانے کا منصوبہ بنایا مگر بھٹو نے ملک سے فرار ہونے سے انکار کردیا۔ بھٹو مر گئے مگر انہوں نے اسٹیبلشمنٹ کے آگے سر نہیں جھکایا۔ نواب اکبر بگٹی ہمیشہ ’’مرکز کے آدمی‘‘ رہے مگر ایک وقت آیا کہ وہ پہاڑوں پر چڑھ گئے اور اپنی جان جان آفریں کے سپرد کردی۔ عمران خان کو اسٹیبلشمنٹ اقتدار میں لائی تھی مگر عمران خان اس وقت اسٹیبلشمنٹ کے سامنے سر اٹھائے کھڑے ہیں ۔ مگر شریف خاندان 1980ء میں بھی اسٹیبلشمنٹ کے جوتے چاٹ رہا تھا، 1990ء میں بھی وہ اسٹیبلشمنٹ کے آگے سر جھکائے کھڑا تھا اور وہ آج بھی اسٹیبلشمنٹ کا پالتو کتا بنا ہوا ہے۔ دائمی کتّے ایسے ہی ہوتے ہیں ۔