Tag: ابوظفرعادل اعظمی

  • ایک ملک ایک الیکشن-حقیقت یا فریب

    ایک ملک ایک الیکشن-حقیقت یا فریب

    گزشتہ ماہ  مرکزی کابینہ نے سابق صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند کی صدارت میں بنائی  گئی کمیٹی کی شفارت کو قبول کرلیا ہے۔ اس کمیٹی نےپورے ملک میں لوک سبھا، ریاستی اسمبلی اور مقامی الیکشنوں کو ایک ساتھ کرنے کی سفارش کی ہے۔ کمیٹی کا ماننا ہے کہ بار بار انتخابات سے غیر یقینی کی فضا پیدا ہوتی ہے۔ بیک وقت پورے ملک میں انتخابات سے پالیسیوں اور حکومت میں ٹھہراؤ پیدا ہوگااور زیادہ سے زیادہ لوگ ووٹ دیں سکیں گے اور خرچ بھی کم آئے گا۔اس سے معیشت میں بھی بہتری ہوگی ، مہنگائی کی شرح کم ہوگی ، سرمایہ کاری فروغ پائے گی اورحکومتی اخراجات کو بہتر بنایا جاسکے گا۔

    کمیٹی کا کہنا ہے کہ اگلے لوک سبھا الیکشن کے وقت تمام ریاستی اسمبلیوں اور مقامی میونسپلٹیوں اور پنچایتوں کو تحلیل کردیا جائے قطع نظر کہ ان کی مدت کار ابھی کتنی باقی ہے، تاکہ سارے الیکشن ایک ساتھ ہوسکیں ۔کمیٹی کا مشورہ ہے کہ پارلیمانی اور ساری اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ ہوں اور اس کے 100دن کے اندر مقامی الیکشن کا انعقادکیا جائے۔ اسمبلی یا میونسپلٹی کے معلق ہونے یا وقت سے پہلے تحلیل ہونے کی صورت میں کمیٹی کا کہنا ہے کہ مختصر مدت کے لیےیعنی اس وقت تک کے لیے جب پورے ملک میں انتخابات ہونے ہوں ،اس اسمبلی یا میونسپلٹی کا الیکشن کرایا جائے  ۔ کمیٹی کا یہ بھی کہنا ہے کہ کئی ریاستوں میں مختلف انتخابات میں الگ الگ ووٹر لسٹ شائع ہوتی ہےلہذا الیکشن کمیشن آف انڈیا ریاستی الیکشن کمشنر کے تعاون سے ایک ہی ووٹر لسٹ شائع کرے اور اسی سے سارے الیکشن ہوں۔

    درج بالا ساری سفارشات کے لئے الیکشن پر آنے والے خرچ کو کم کرنے، باربار الیکشن کی وجہ سے ترقیاتی کاموں میں رخنہ پڑنے اور دیگر مسائل کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ واقعہ یہ ہے کہ ہر الیکشن میں قومی خزانہ سے ایک خطیر رقم خرچ ہوتی ہے۔ سیاسی پارٹیاں، امیدوار اور عوام کے ذاتی طور پر اخراجات اس میں شامل نہیں ہیں۔

    اس پوری مہم کے لیے بی جے پی نے نعرہ دیا ہے ” ایک ملک ، ایک انتخاب”(One Nation One Election)۔ یعنی پورے ملک میں ایک بار ہی بار میں سارے انتخابات ہونے چاہیئے۔ بار بار انتخابات سے متعدد مسائل سامنے آتے ہیں۔ واقعہ یہ ہے کہ بی جے پی اور اس سے وابستہ دیگر تنظیمیں، ادارے اورافراد اس طرح کے خوشنما نعروں اور سلوگن کے معاملے میں اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتے۔ لیکن طرفہ تماشہ یہ ہے کہ اکثر یہ نعرے دھوکہ  دہی اور فریب پر مبنی ہوتے ہیں۔ کشمیر سے دفعہ 370 کو منسوخ کرنے کے لیے نعرہ دیا گیا کہ ایک ملک میں ایک ہی سمودھان چلے گا۔ ملک کے ایک حصہ میں ایک قانون اور دوسرے حصہ میں دوسرا بنیادی اور اصولی طور پر غلط ہے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ ملک کی کئی ریاستوں کو دفعہ 371 کے تحت اسی طرح کے حقوق حاصل ہیں  جس طرح کشمیر کو حاصل تھے اور بی جے پی کے لیڈران نے باقاعدہ وعدہ کیا کہ وہ دفعہ 371 کو منسوخ نہیں کریں گے۔

    اسی طرح تعزیرات ہند ، سی آرپی سی اور انڈین ایوڈینس ایکٹ کوبدلنے کے لیے یہ نعرہ دیا گیا کہ یہ انگریزوں کے بنائے گئے قوانین ہیں اور تب ہی سے چلے آرہے ہیں۔ ہندوستان ایک آزاد ملک ہے اور حالات بدلنے سے اب ان قوانین  کی تبدیلی ناگزیر ہے۔ کچھ لیڈران نے یہ بھی بیان دیا کہ یہ قوانین غلامی کی علامت ہیں۔ یہ بات صحیح ہے کہ یہ قوانین انگریزوں کے زمانے سے چلے آرہے ہیں لیکن ان میں متعدد بار ترمیم ہوتی رہی ہے  اور ابھی بھی ہوسکتی ہے۔ لیکن پورے مسودہ قانون کو تبدیل کرنے سے عدالتوں، وکلاء اور انتظامیہ بالخصوص پولیس محکمہ کو پورے ملک بہت سارے مسائل درپیش ہیں اور پیش آنے والے ہیں۔ حالاں کہ نئے مسودہ قوانین میں تبدیلی کے نام پر  کچھ زیادہ نہیں ہے  اور جو ہے اس سے بھی مسائل پیدا ہورہے ہیں۔

    ایک ملک، ایک الیکشن کی حقیقت بھی ایک خوشنمانعرے کے سوا کچھ نہیں ہے۔ الیکشن میں قومی خزانہ پر بوجھ کم ہو اور کم خرچ میں الیکشن منعقد ہوجائے ، اس سے بہتر کیا بات ہوسکتی ہے۔لیکن ماہرین نے اس حوالے سے کئی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ پہلا سوال یہ ہےکہ ملک کے عوام کو سب سے سستی جمہوریت مطلوب ہے یا بہتر ین جمہوریت۔کیا خرچ کو کم سے کم کرنے کےلیے جمہوریت یا الیکشن کی صحت سے سمجھوتہ کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ،  کئی ماہرین نے ایک بار الیکشن میں کم خرچ  کے مفروضےکو بھی خارج از امکان قرار دیا ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ اس سےالیکشن پر ہونے والے خرچ میں کوئی خاطر خواہ کمی نہیں ہوگی۔ جہاں تک ووٹر لسٹ کے کئی بار شائع کرنے کا سوال ہے تو اس پر ایک جامع پالیسی بنائی جاسکتی ہے۔

    الیکشن میں ایک بڑا خرچ جو سیاسی پارٹیاں اور ان سے وابستہ افراد کرتے ہیں۔ یہ اخراجات بے تحاشہ ہوتے ہیں اور ان پر قد غن لگانے کے لیے الیکشن کمیشن نے کئی اصول وضع کیے ہیں لیکن عملاَ بہت زیادہ مؤثر نہیں ہیں۔ اس حوالے بہتر پالیسی اور اس کے نفاذ کی ضرورت ہے۔اس کا ایک دوسرا پہلو بھی ہے۔ اور وہ یہ کہ الیکشن کی اپنی ایک معیشت ہے۔ سیاسی پارٹیاں، امیدوار اور ان سے متعلق لوگ لاکھوں کروڑوں روپئے خرچ کرتے ہیں۔ ملک بھر میں لاکھوں لوگوں کو وقتی طور پر ہی سہی روزگار ملتا ہے۔ ریلیوں اورجلسے جلوس سے بازار میں بھی تیزی آتی ہے اور کل ملا کر مارکیٹ میں بہتری آتی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی اسمبلی کسی وجہ سے پانچ سال سے قبل تحلیل ہوجاتی ہے تو وہاں بقیہ مدت کے لیے الیکشن کرائے جائیں اور پھر جب ہر جگہ الیکشن ہو تو پھر ایک ساتھ پانچ سال کے لیے الیکشن منعقد ہو۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ کچھ ریاستوں میں پانچ سال میں دو بار اسمبلی الیکشن ہوگا۔ دوسرے لوک سبھا کے قبل ازوقت تحلیل ہونے پر کیا ہوگا؟ کیا لوک سبھا کے لئے بھی پورے ملک میں انتخابات قلیل مدت کے لیے ہوں گے یا ساری اسمبلیوں کو بھی تحلیل کردیا جائے گا۔ امرواقعہ یہ ہے کہ بہر صورت پورے ملک میں انتشار اور انارکی جیسی کیفیت پیدا ہوجائے گی  اور جس خرچ کو کم کرنے کے لیے یہ سب کچھ کرنے کی بات ہورہی ہے وہ بھی  دگنا ہوجائے گا۔

    دوسری اہم بات یہ بھی ہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا پورے ملک میں انتخابات کے لیے کافی وقت لیتا ہے ۔ حالیہ لوک سبھا انتخاب سات مرحلوں میں42دن میں مکمل ہوا۔ اسمبلی الیکشن کا بھی یہی حال ہے۔ اکثر ریاستوں میں ایک دن میں اسمبلی الیکشن نہیں ہو پاتے۔اترپردیش میں پچھلا اسمبلی الیکشن سات مرحلوں میں مکمل ہواتھا۔ اس کی وجہ انفراسٹرکچر اور افراد کی کمی بتائی جاتی ہے۔ سوال یہ ہے کہ اگر پورے ملک میں ریاستی اور لوک سبھا انتخابات ایک ساتھ کردئے جائیں تو اس کے لیے کتنے مہینے درکار ہوں گے  اورکتنی ای وی ایم کی ضرورت پڑے گی؟ کیا الیکشن کمیشن اس کا متحمل ہے؟ ایسے موقع پر جب ای وی ایم اور الیکشن کمیشن سمیت پورے الیکشن کے عمل پر متعدد سوال کھڑے کیے جارہے ہیں ، اس سے یہ بھی شک ہوتا ہے کہ ایک ہی بار میں ساری اسمبلیوں پر قبضہ کا یہ کوئی سوچا سمجھا منصوبہ تو نہیں ہے؟

    ایک اہم مسئلہ یہ بھی ہے اسمبلی الیکشن میں   ووٹروں کے پیش نظر الگ ایشوز ہوتے ہیں اور لوک سبھا میں الگ۔ کئی بارایک ہی ووٹر دونوں انتخابات میں الگ الگ پارٹیوں کو ووٹ دیتا ہے۔ اسمبلی الیکشن میں علاقائی اور ریاستی پارٹیاں بھی دوڑ میں شامل رہتی ہیں۔ کیا ایک ساتھ الیکشن سے ریاستی اور علاقائی ایشوز پس پردہ نہیں چلے جائیں گے؟ ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ کوئی علاقائی ایشوپوری قومی سیاست پر چھاجائے اور دیگر اہم ایشوز دبادئے جائیں۔

    موجوہ نظام انتخابات پر ایک الزام یہ بھی ہے کہ بار بار الیکشن اور ضابطہ اخلاق نافذہونے سے ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ ہوتی ہے۔ یہ بات صحیح ہے کہ جہاں الیکشن ہورہے ہیں ہو وہاں انتخابی ضابطہ اخلاق کی وجہ سے ترقیاتی کام کچھ دنوں کےلیے متاثر ہوتے ہیں لیکن انتخابی ضابطہ اخلاق کا تعلق نئے ترقیاتی کاموں اور اسکیموں کو شروع کرنے سے ہے۔ پہلے سے چلے آرہے کاموں پر کوئی  رکاوٹ نہیں ہے۔دوسرے، نئے کاموں کو بھی الیکشن کمیشن کی اجازت سے کیا جاسکتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ بعض دفعہ الیکشن آنے کی وجہ سے ہی سیاسی پارٹیاں کئی کام کرنے کے لیے مجبور ہوتی ہیں۔ بصورت دیگر پانچ سال تک عوام کی کون شدبد لے گا؟

    کمیٹی نے اپنی سفارشات میں کہا ہے کہ لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے 100 دن کے اندر مقامی الیکشن ہوں۔ اگر پورے ملک میں ایک ہی بار میں الیکشن کرانے ہیں تو مقامی الیکشن کو اس سے الگ کیوں رکھا گیا ہے؟ سابق چیف الیکشن کمشنر ایس وائی قریشی  نے کمیٹی کی سفارشا ت کو ناقص قرار دیتےہوئے کہا ہے کہ جب پورے ملک  میں ایک الیکشن کا نعرہ دیا گیا ہے تو میونسپلٹی اور پنچایت کے الیکشن کو اس سے الگ کیوں رکھا گیا ہے، جس میں پورے ملک سے 30 لاکھ افراد منتخب ہوتے ہیں۔ دیگر امیدواراس سے کئی گنا زیادہ ہوں گے۔عوام میں بھی لوک سبھا اور اسمبلی الیکشن کی بہ نسبت مقامی الیکشن کو لے کر گہما گہمی بھی زیادہ ہوتی ہے۔

    واقعہ یہ ہے کہ ایک ملک اور ایک الیکشن نعرے کے طور پر خوشنما تو ہوسکتا ہے لیکن حقیقت میں اس سے ڈکٹیٹرانہ عناصر کو فروغ ملے گا۔ اس سلسلے میں کمیٹی کی رپورٹ تضادات کا مجموعہ ہے۔ گرچہ  موجودہ سسٹم کو پرفیکٹ نہیں کہاجاسکتا لیکن کمیٹی کے یہ مشورے انتہائی ناقابل عمل اور بودے ہیں۔اس کے نفاذ سے عوام کی طاقت کم ہوگی اور قومی سطح کی پارٹیوں کو فائدہ ہوگا۔اس سے الیکشن جمہوریت سے بڑا ہوجائے گا اور جو کچھ چیک اینڈ بیلنس کا نظام موجود ہے وہ بھی ختم ہوجائے گا۔ اگر انتخابی دھاندلیوں اور ای وی ایم کو ہیک کرنے کی خبروں کو صحیح مان لیا جائے تو پھر اسے ملک پر یکبارگی قبضہ کرنے کی بڑی سازش قرار دیا جاسکتا ہے۔

     

  • وطن اور حب الوطنی کی معنویت

    وطن اور حب الوطنی کی معنویت

    جس طرح چھوٹے بچے کے تصور کے ساتھ ماں کی گود کا تصور  بھی لازمی طور پر آتا ہے اسی طرح وطن کے تصور کے ساتھ وہ گھر، وہ گلیاں اور اس علاقے کا تصور بھی لازماً آتا ہے جہاں انسان نے اپنی زندگی کے اہم لمحے بالخصوص بچپن گزارا ہو۔ انسان ترقی کے منازل طے کرتے ہوئے  بڑے سے بڑے عہدے پر پہنچ جائے ، فلک بوس عمارتوں اور محلوں میں راج کرے یا ہمالیہ کی چوٹیاں سرکرے، وطن کے ذکر سے عام طور پراس کا پورا بچپن سامنے آجاتا ہے اور وہ گھر اور گلیاں اپنی خستہ حالی اور بوسیدگی کے بعد بھی اس کو جذباتی بنادیتی ہیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ اس کی جذباتی وابستگی کا دائرہ کتنا بڑا ہوسکتا ہے؟ کیا وہ علاقے اور شہر جن میں اس کا کبھی گزر بھی نہیں ہوا اور وہ ان کی تہذیب، زبان، جغرافیہ اور رہن سہن سے کوئی مطابقت نہیں پاتا لیکن وہ بھی  اس کے ملکی حدود کے میں آتے ہیں، اس کے اندر وہی جذباتی کیفیت پیداکرتے ہیں یا کرسکتے ہیں؟اس مضمون میں اس کا جائزہ لیا گیا ہے۔

    فی زمانہ مسلمانان ہند جن مسائل سے دوچار ہیں ان میں سے ایک اہم مسئلہ فرقہ پرست تنظیموں اور افراد کی طرف سے وقتا فوقتا  ملک کے تئیں ان کی وفاداری اورمحبت کو شک کی نگاہ  سے دیکھا جانا بھی ہے۔  مسلمانوں کےد رمیان بھی یہ مسئلہ پچھلے تقریبا ایک صدی سے زیر بحث رہاہے کہ دین میں وطن کی کیا حیثیت ہے۔ قوم کسے کہتے ہیں اور قوم بننے کے اجزائے ترکیبی کیا ہیں۔ اور کیا پورے ملک کو وطن قرار دیا جاسکتا ہے؟اس مضمون میں ان سارے پہلوؤں کا احاطہ ممکن نہیں ہے لیکن مسلمانان ہند کا ملک سے تعلق  کیا ہے اورکیا ہونا چاہیے ۔ ان کا دین اس سلسلہ میں کیا رہنمائی کرتا ہے اور فرقہ پرست عناصر مکر وفریب کے ذریعہ جس چیز کو پھیلارہے ہیں اس میں کتنی سچائی ہے، اس پر بات ضروری ہے۔

    جہاں تک ملک سے محبت اور وفاداری کا سوال ہے تو یہ بات جگ ظاہر ہے کہ پچھلی ہزار سال سے زائد تاریخ میں مسلمانوں نے ہمیشہ اس خطہ ارضی کو بہتر  سے بہترین بنانے کے لیے ہر ممکن جدوجہد اور ہرطرح کی قربانی دی ہے۔ چاہے وہ تعلیم و تعلم کی اشاعت ہو  یا صنعت و حرفت کی ترویج کا معاملہ ہو، مختلف  علوم و فنون اور کاریگری کے نمونے پور ے ملک کے گوشے گوشے میں آج بھی مسلم عہد حکمرانی کی یاد تازہ کرتے ہیں۔ انگریزوں کی شکل میں جب استبداد نے یہاں حملہ کیا اور اس پر قابض ہوگیا تو اس غلامی سے اس کو آزاد کرانے والوں میں مسلم عوام و خواص کی قربانیاں بہر صورت دوسروں سے ممتاز اور آب زر سے لکھے جانے کے لائق ہیں۔ اس سلسلے میں مسلمانان ہند کو کسی احساس کمتری کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ بلکہ ایسے سوالوں کا جواب بھی دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس بحث سے قطع نظر کہ اسلام میں وطن کس کو کہاگیا ہے اور ملک سے محبت اور وفاداری کا اسلام میں جو بھی مقام ہو، ملک کی تاریخ کا تجزیہ کرنے کے لیے جو بھی معیار بنایا جائے، اس میں یہ بات واضح ہوکر سامنے آئے گی کہ ہر دور میں مسلمانوں نے اپنے خون پسینے سے ملک کو  دیا زیادہ ہے اور لیا کم ہے۔

    واقعہ یہ ہے کہ اس طرح کی بحثوں میں اکثر خلط مبحث ہوجاتا ہے اور بات کہیں سے شروع ہوکر کہیں پہنچ جاتی ہے۔ سب سے بنیادی سوال یہ ہے کہ وطن کی تعریف کیا ہے؟  عام طور پر  وطن کی محبت کے حوالے سے احادیث اور سیرت کے حوالے پور ے ملک پر چسپاں کردیے جاتے ہیں۔ حالاں کہ موجودہ دور کے ملک (Nation-State) کا تصور بہت پرانا نہیں بلکہ زیادہ سے زیادہ تین سو سال پرانا ہے۔اس سے پہلے ملکی حد بندیوں اور اتنے سارے سفری دستاویزات و شرائط سے دنیا یکسر نابلد تھی۔ یہ فطری بات ہے کہ انسان جہاں پیدا ہوتا ہے،جہاں اس کا بچپن گزرتا ہے، جہاں وہ کھیل کود کر بڑا ہوتا ہے یا جہاں اس نے عمر کا ایک بڑا حصہ گزاراہوتا ہے۔ اس علاقے کے مکانات، کھلیاں، کھیت، پہاڑ، جنگل، ریت و رواج، مخصوص کھانے، بولی اور کپڑے  ہر چیز  سے محبت ایک فطر ی جذبہ ہے۔ اللہ کے رسول ﷺ کی سیرت میں بھی اس طرح کے کئی واقعات ملتے ہیں جب آپ نے اپنے وطن سے محبت کا اظہار کیا۔ مثال کے طور پر جب آپ ﷺ  نے مکہ سے مدینہ ہجرت کرتے وقت فرمایا  کہ تو سب سے زیادہ پاکیزہ شہر ہے اور میرے لیے سب سے زیادہ محبوب ہے۔ اگر میری قومی مجھے یہاں سے نہ نکالتی تو میں کبھی یہاں سے نہیں  جاتا۔

    لیکن یہی فطری لگاؤ اور انسیت ایک ایسے شہر، گاؤں، قصبے یا علاقے کے لیے  کیسے ہوسکتے ہی جو سینکڑوں میل دور ہو۔ جہاں کی زبان ، بولی ، کھانے کی پسندو دیگر طرز زندگی مختلف ہو اور فرد مطلق نہ کبھی وہاں گیا ہوں اور نہ ہی اس کا کوئی دوست یا رشتہ دار وہاں مقیم ہو۔ اس کو اس مثال سے بہتر طور پر سمجھا جاسکتا ہے۔ پاکستان ایک بڑا ملک ہے جس کا رقبہ تقریبا نو لاکھ مربع کلومیٹر پر محیط ہے۔ اس کے مشرق میں ہمارا ملک ہندوستان ہے۔ مغرب میں افغانستان اور ایران اور شمال مشرق میں اس کی سرحدیں چین سے لگتی ہیں۔ پاکستان کی قومی زبان اردو ہے لیکن کئی ریاستوں کی اپنی علاقائی زبانیں ہیں جو وہاں سرکاری طور پر بھی رائج ہیں۔ مثلا َ خیبر پختونخواہ صوبہ میں پشتو زبان کا چلن زیادہ ہے۔ وہاں کا موسم بھی اسلام آباد  اور لاہور  سے الگ ہے۔ کھانا پینا اور رہن سہن بھی مختلف ہے۔اب اگر اس صوبہ کے ایک شہری  سے مطالبہ کیا جائے کہ وہ اس کے گھر سے 500 کلومیٹر دور لاہور جہاں کی زبان پنچابی ہے، موسم گرم ہے اور کھانے، پینے اور رہن سہن سب میں فرق ہے، سے وہ ویسا ہی انس رکھے تو کیا یہ ممکن ہے؟ چاہے  اس نے کبھی پنجاب کا سفر بھی نہ کیا ہو۔ اس کا کوئی دوست یا رشتہ دار بھی وہاں موجود نہ ہو۔

    اب آئیے تصویر کے دوسرے رخ پر نظر  ڈالتے ہیں۔ وہی شخص اپنی زبان، رہن سہن، تہذیب وغیرہ میں اپنے گھر سے محض کچھ کلومیٹر دور سے کافی مماثلت پاتا ہو۔ لیکن وہ شہر پاکستان میں نہیں بلکہ افغانستان کی سرحد کے اندر آتا ہو۔ وہ وہاں متعد د بار جاچکا ہو۔ اس کے دوست، احباب اور رشتہ دار بھی وہاں موجود ہوں۔ وطنیت اور وطن پرستی کے موجودہ تقاضے اس سے مطالبہ کریں گے کہ وہ پنجاب ، جہاں سے فطری طور پر اس کی انسیت نہ کے برابر ہے سے محبت کرے اورصوبہ کنڑ جہاں سے بہر طور اس کی فطری انسیت ہے، سے نفرت کرے یا کم ازمحبت نہ کرے۔ کیا ایسی وطن پرستی کی کوئی عقلی توجیح کی جاسکتی ہے؟ کیا صرف اس لیے کہ اس کو پنجاب جانے کے لیے بہت کم دستاویز کی ضرورت ہوگی اورصوبہ کنڑ جانے کے لیے کچھ زیادہ دستاویز کی ضرورت پڑے گی، کی بنا پر اسے اپنی محبت اورلگاؤ کو طے کرنا چاہیے؟

    ایسی متعد مثالیں ہر ملک اور علاقے میں مل جائیں گی۔ ہندوستان کے شمالی علاقے جو نیپال کی سرحد پر واقع ہیں، سے لوگوں کا نیپال آنا جانا، تجارت، رشتہ داری عام بات ہے۔ ان کا نیپال کے ان سرحدی اضلاع سے جو لگاؤ ہوگا کیا اس کا موازنہ کیرالہ یا گوا سے کیا جاسکتا ہے؟ یہی حال ہے ہندوستان بنگلہ دیش کے سرحدی علاقوں کا ہے۔یہی حا ل ہندوستان اور پاکستان، ہندوستان و سری لنکا اور کسی حد تک ہندوستان اور چین کے سرحدی علاقوں کا بھی ہے۔ یہ ایک فطری لگاؤ ہے جو درج بالا مختلف وجوہات یا مشترک چیزوں کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے۔ لہذا اصل وطن وہی  اور اس کے آس پاس کا علاقہ ہے جہاں انسان زندگی کی ایک مدت گزارچکا ہے اور وہاں کے تہذیبی عناصر سے اس کا قلبی لگاؤ ہے۔ اس کا موازنہ اس کے اپنے ہی ملک کے ایک دور راز علاقہ یا شہر سے نہیں کیا جاسکتا ۔اس لگاؤ کو ملکوں کی خارجہ پالیسی اور ان کے مابین تنازعات سے جوڑنا بھی مناسب نہیں ہے۔ الا یہ کہ اس مخصوص خطہ کا مذکورہ پالیسی یا تنازعہ سے راست تعلق ہو۔

    جیسا کہ عرض کیا گیا کہ مکمل طور پر طے شدہ سرحدو ں کی بنیاد پر نیشن اسٹیٹ کا تصور بہت پرانا نہیں ہے۔ تہذیبیں، زبانیں اور ان کے برتنے اور بولنے والے لوگ زیادہ پرانے ہیں۔ موجودہ نظام میں دنیا کے سارے علاقے کسی نہ کسی ملک میں آتے ہیں۔ یہاں تک کہ سمندر کا بھی غالب حصہ کسی نہ کسی ملک کے اقتدار اعلیٰ کے تحت مانا جاتا ہے۔ لہذا کوئی انسان کہیں بھی رہے ۔ اس کا رنگ، نسل، زبان اور مذہب چاہے کچھ بھی ہو ، و ہ کسی ملک کا باشندہ قرار پائے گا۔ اب اس حوالے سے اس کا رویہ اس ملک اور اس کے نظام کے تئیں کیسا ہونا چاہیے اور اسلام اس بارے میں کیا رہنمائی کرتا ہے؟ اس حوالے سے اسلامی تعلیمات واضح ہیں۔ ظاہر ہے کہ کسی ملک کو ملک بننے کے لیے انسانوں کی ایک قابل ذکر تعداد کا ہونا لازمی ہے۔ اسلام اپنے ماننے والوں پر ذمہ داری عائد کرتا ہے کہ وہ ان انسانوں تک اپنی سکت بھر اللہ کا پیغام پہنچانے کی کوشش کرے۔ اسلام نے جن انسانی حقوق کا تذکرہ کیا ہے وہ ان حقوق کو بدرجہ اتم ادا کرنے والا بنے۔ لوگوں کے ساتھ ہمدردی کا رویہ رکھے ۔ ان کے دکھ درد کو بانٹے اور امن و امان کے لیے کوشاں ہو۔

    چوں کہ اسلام نے زندگی کے ہر پہلو سے متعلق احکام دیئے ہیں لہذا ہوسکتا ہے کہ ملک کے کچھ قوانین اور پالیساں اسلامی تعلیمات کے خلاف ہوں۔  بندہ مومن کی ہمیشہ یہ کوشش ہونی چاہیے کہ زندگی کے ہر ہر پہلو پر وہ اسلام پر عمل پیرا ہو۔ علماء اور فقہاء نے مختلف اعمال اور قوانین کی درجہ بندی  کی ہے اس کو سامنے رکھتے ہوئے ایک مسلمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان قوانین اور پالیسوں پر عمل کرنے سے اعراض کرے جو اسلام سے راست طور پر ٹکراتے ہوں اور ان کو بدل کر بہتر قوانین اور پالیساں لاگو کرانے کے لیے حتیٰ الامکان کوشش کرے۔ کچھ ایسے قوانین یا پالیساں ہوسکتی ہیں جن پر عمل کرنا ضروری اور مجبوری ہو ۔ اگر وہ اسلامی احکامات سے راست طور پر نہیں ٹکراتے تو ان پر عمل کیا جاسکتا ہے۔ اس طرح کی دیگر تفاصیل علماء نے کتابوں میں بیان کی ہیں۔ لیکن اس کا عمومی رویہ وہاں کے لوگوں کے بارے میں یہی ہونا چاہیے کہ وہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے حتی الامکان کوشش کرتا رہے۔ اس حوالے سے عام طور پر مسلمانوں کا رویہ  قابل تعریف ہی رہا ہے۔ کورونا کی وبا اور دیگر حادثات کے وقت دنیا نے دیکھا کہ عام مسلمانوں نے بلا اختلاف مذہب و ملت جس طرح انسانیت کی خدمت کی اس کی نظیر بہ مشکل ہی مل سکتی ہے ۔

    لیکن اہم سوال یہ ہے کہ آخراس وفاداری اور محبت کو ثابت کیسے کیا جائے؟ اس کے اظہار کا کیا طریقہ ہوگا؟ یا وہ کون سے پیرا میٹر ہوں گے جن کی بنیاد پر یہ طے کیا جاسکتا ہو کہ فلاں کو اپنے ملک سے کس درجہ محبت ہے۔ اور اس کو طے کرنے کا کس کو حق حاصل ہے۔ظاہر ہے محبت اور وفاداری کا اظہار انسان کے برتاؤ سے ہی ہوتا ہے، الفاظ کی رٹ لگانے سے نہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ آج جو لوگ ملک سے محبت اور وفاداری کا دم بھرتے نہیں چوکتے، ان کی تاریخ یہ رہی ہے کہ انہوں نے ملک پر قابض انگریزوں کی حمایت کی تھی۔اس کے علاوہ بدعنوانی اور بڑے بڑے کرپشن کے معاملات میں کتنے مسلمان ملوث ہیں؟ کتنے مسلمان ملک سے قرض لے کر فرار ہوئے ہیں؟ اور جو لوگ ایسے کاموں میں ملوث رہے ہیں ان کا تعلق کس جماعت اور فرقے سے ہے؟

    ہاں اگر کسی کی محبت اور اس سے وفاداری انسان کو ایسا بنا دے کہ صحیح اور غلط، حق اور ناحق کی تمیز ہی اٹھ جائے تو نہ تو اسلام اس کی اجازت دیتا ہے اور نہ انسانی فطرت اس کو تسلیم کرتی ہے۔ مثلا اگر کوئی شخص یہ طے کرلے کہ اس کا بھائی چاہے کچھ بھی کہے یا کوئی بھی کام کرے وہ ہمیشہ اس کی حمایت کرے گا تو اس کا بدیہی نتیجہ یہی ہوگا کہ وہ بسا اوقات غلط باتوں اور کاموں کا بھی حامی قرار پائے گا۔ ملک کی محبت اور وفاداری کا راگ الاپنے والے بعض دفعہ مسلمانوں سے اسی قسم کا مطالبہ کرتے ہیں کہ یہ فیصلہ چوں کہ ملک کی حکومت نے لیا ہے لہذا  صرف اسی کو صحیح قرار دیا جائے۔ ظاہر ہے اس طرح کی کوئی بھی بات عقل کے صریح خلاف ہے اور عقل وسمجھ رکھنے والا کو ئی بھی شخص جو عصبیت   سے پاک ہو ایسا نہیں کرسکتا ہے۔ کم ازکم حق کو حق اور غلط کو غلط سمجھنا اور کہنا انسان کو انسان کہلائے جانے کے ضروری ہے۔

    موجودہ نیشن اسٹیٹ میں وطن کا مقام یہ ہے کہ اس کے سربرآوردہ لوگوں کی طرف سے جو بھی فیصلہ ہوں اس کی حمایت کی جائے۔ اس کی جے جے کار کی جائے اورعملا اسی کو صحیح اور غلط کا معیار بنالیا جائے۔ کسی نزاعی صورت حال میں اپنے ملک کی حمایت  بہرحال فرض اور ضروری ہے، چاہے اس کے اقدام غلط ہی کیوں نہ ہوں، دوسرے ممالک کی مخالفت ضروری ہے، چاہے وہ صحیح ہی کیوں نہ ہو۔ واضح رہے کہ ہندو مذہب میں ملک کو دیوتا کی طرح پوجنے کا تصور پایا جاتا ہے۔ فی زمانہ ہندوستان کے نقشہ کو بھارت ماتا کی دیوی کی مورتی کی شکل دے کر اس کی پوجا بھی کی جاتی ہے۔اور بعض حلقوں کا مسلمانوں سے بھی یہی مطالبہ ہے کہ وہ بھی اپنے ملک کے حوالے سے انہیں جذبات کا اظہار کریں۔ ظاہر ہے کہ مسلمان تو کجا عقل و سمجھ رکھنے والا کوئی عام انسان بھی محبت  ونفرت اور حمایت و مخالفت کے لیے ایسی کسی شرط کو وجہ جواز نہیں بناسکتا ۔ انتہاپسند تنظیموں کے لوگ یہ بات اچھی طرح جانتے ہیں کہ اسلام میں حق وناحق کا تصور بہت واضح ہے اور ایک ادنی مسلمان بھی اگر کسی بات کو غلط سمجھتا ہے تو اس کو محض اس لیےصحیح ماننے کے لیے تیار نہیں ہوگا کہ اس کے ملک کے بہت سارے لوگ ایسا ہی کہتے ہیں اور حکومت کی منشا بھی یہی ہے۔

    اس حوالے سے ہمارا رویہ یہ ہونا چاہیے کہ ہم خود شکوک وشبہات سے اپنے ذہن کو صاف کریں۔ تاریخی حقائق اور موجودہ اعداد وشمار کی روشنی میں خود آگے بڑھ کر سوال کریں۔ دفاعی انداز میں احساس کمتری کے ساتھ ہمیشہ جواب دیتے رہنا کسی بھی حکمت عملی کا حصہ نہیں ہوسکتا۔ یہ بات اس وقت زیادہ اہم ہوجاتی ہے جب سوال کرنے والوں کی منشاصرف اورصرف معاملات کو الجھانا ہو نہ کہ کوئی مثبت، مفید اور صحت مند بحث و تمحیص  سے کسی مسئلہ کو حل کرنا۔