Tag: افکار ملی، اردو صحافت، ہندوستان

  • ناشر کا خط

    ناشر کا خط

    قارئین کرام

    سلام مسنوں

    بنگلہ دیش میں طلباء کی عوامی تحریک کے ذریعہ حسینہ واجد کی مطلق العنان حکومت کے خاتمہ کے بعد اس وقت محمد یونس کی قیادت میں  ایک عبوری حکومت برسراقتدار ہے۔ عبوری  حکومت کے سامنے ایک چیلنج تین سے چار ماہ کے عرصہ میں  انتخاب کروانا ہے تو دوسری  طرف 15, برس کی تاناشاہی نے پولس اور بیوروکریسی کے اندر جو رعونت، ظلم و جبر اور کرپشن کی جو روایت پروان چڑھائی ہے اس کی اصلاح اور ایسے افسران جن کے خلاف لا تعداد شکایتیں ان پر حکمت کے ساتھ قانونی  کاروائی  بھی کرنا ہے۔ محمد یونس کا خیال ہے کہ ان تمام کاموں  کے لئے 6, برس لگ سکتے  ہیں، جب کہ بی این پی کی قائد خالدہ ضیا جلد از جلد انتخاب چاہتی ہیں البتہ جماعت اسلامی  کے امیر کا خیال ہے کہ ماننا ہے کہ دو سال کا عرصہ مذکورہ اصلاحات  کے لئے کافی ہوگا۔ انقلاب کی روح روان طلبا برادری پولس اور تعلیمی  اداروں  کے سربراہ جنہوں نے زیادتیاں  کیں اور متعدد طلبا کے قتل کے مرتکب ہوئے ان کے خلاف فوری  کاروائی کی جائے۔ تیسری  طرف بھارت سمیت کئی دیگر ممالک جن سے رشتوں  میں کھٹاس پیدا ہوئی ہے، ان کے تعلق سے بھی عملی رویہ اختیار کرنا۔ سینئر صحافی سید خالد حسین  نے سرورق کی کہانی ” نیا بنگلہ دیش ۔ توقعات و خدشات ان تمام پہلوؤں پر سیر حاصل بحث کی ہے۔

    گزشتہ دنوں ایک اہم مصنف، قلم کار اور کئی اہم موضوعات پر دستاویزی کتابیں  تحریر کرنے والی  شخصیت جنہیں سینئر  صحافی نے افتخار گیلانی نے بجا طور علم کا سمندر کہا ہماری مراد محترم اے جی نورانی سے ہے 93, برس کی عمر میں  اللہ کو پیارے ہوگئے۔ افتخار گیلانی ان کی زندگی کے ان گوشوں کو اجاگر کیا ہے جو اگر سامنے نہیں  آتے تو قارئین ان اہم، دلچسپ اور انوکھی معلامات سے شاید محروم رہ جاتے۔ اس تحریر کا مطالعہ دلچسپی سے خالی نہیں  ہوگا۔

    بحث و نظر کے کالم میں اس بار مسلم پرسنل بورڈ  کے صدر اور نامور عالم دین و فقیہ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کا اہم اور چشم کشامضمون "وقف بل۔ حقائق اور غلط فہمیاں” ملاحظہ فرمائیں۔

    وطن، وطنیت اور حب الوطنی کا مسئلہ ہمیشہ متنازعہ رہا۔ بالخصوص  یوروپ میں ابھر ے نیشن اسٹیٹ کے تصور نے دو ہولناک عالمی جنگوں کا راستہ ہموار کیا تھا۔ ہندوستان  میں بھی حب الوطنی کے کے اکثر نئے نئے تقاضے اور مطالبات سامنے آتے ہیں۔ ابوظفرعادل  اعظمی نے اسلامی تعلیمات  کی روشنی میں وطن کیا ہے، وطن کی حدود کیا ہیں اور واقعی تقاضے کیا ہیں اس کا تجزیہ کیا ہے۔ البتہ ایک مسئلہ  ابھی باقی ہے حب الوطنی کب وطن پرستی میں تبدیل  ہوجاتی ہے۔ اقبال نے’ ان تازہ خداؤں میں  بڑا سب سے وطن ہے، کس تناظر میں  کہا ہے۔ بھارت  میں  جہان وطن نے ایک دیوتا کی حیثیت اختیار کرلی ہے، مسلمانوں سے بھی اکثر ایسے مطالبے کئے جاتے ہیں جو بجا طور پر ان عقیدہ توحید سے راست متصادم ہوتے ہیں۔ ان شاءاللہ کسی وقت ان پہلوؤں پر بحث چھیڑی جائے گی۔

    ان کے علاوہ کئی اہم عنوانات پر افکار کے نامہ نگاروں نے حالات حاضرہ پر بڑی اہم معلومات، واقعات اور ان کا تجزیہ پیش  کیاہے۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ملک میں ہونے اہم  ڈیولپمنٹ سے آپ کو صرف واقف ہی نہیں  کرایا جائے بلکہ فکر و عمل کے نئے نئے زاویئے بھی ابھارے جائیں۔ ان مضامین پر آپ کی آراء اور ریسپانس کا ہمیں  شدت سے انتظار رہے گا۔ آپ کے مراسلات شائع بھی کئے جائیں  گے۔

    والسلام

    ناشر

  • نیا بنگلہ دیش – توقعات اور خدشات

    نیا بنگلہ دیش – توقعات اور خدشات

    گزشتہ چند ہفتوں میں بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں بہت سی تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔ سرکاری ملازمتوں میں رزرویشن کے خلاف جولائی کے اوائل میں شروع ہوئے طلبہ  کے مظاہروں اور پولیس تشدد کے دوران 5 اگست کو استعفیٰ دے کر ملک سے فرار ہونے والی 76 سالہ وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد اور ان کے والد اور بنگلہ دیش کے بانی آنجہانی "بنگا بندھو” شیخ مجیب الرحمان کی تصاویر تمام بل بورڈوں سے ہٹا دی گئی ہیں اور شیخ مجیب کے چھبیس فٹ اونچے مجسمے کو مسمار کر دیا گیا ہے۔ شہر کی دیواروں پر ان کی سیاسی جماعت، عوامی لیگ، کے تشہیری پوسٹروں اور نعروں کو مختلف رنگوں سے پینٹ کر کے ان پر نئے نعرے اور شیخ حسینہ کے خلاف ہونے والے احتجاج کے مناظر چسپاں کر دیے گئے ہیں۔ نوجوانوں کی حکومت مخالف مہم کے بارے میں ایک نعرے میں لکھا ہے "Gen Z  نے گندگی کو صاف کردیا”۔ ایک دوسرے نعرے میں کہا گیا ہے کہ "جرآت متعدی ہے”۔ شہر کی شکل کے ساتھ ساتھ لوگوں کا مزاج بھی بدل گیا ہے۔ ایک نوجوان این۔ جی۔ او۔ کارکن نے کہا کہ "ایک طویل عرصے کے بعد اب لوگ بہت سی چیزوں کے بارے میں کھل کر بات کرنے کی آزادی محسوس کر رہے ہیں۔” یاد رہے کہ شیخ حسینہ کے دور میں کسی شخص کو بھی حکومت، حکمراں پارٹی اور حکومت کے اہلکاروں کی تنقید کرنے کی اجازت نہیں تھی۔

    ایک ماہ سے زیادہ بدامنی اورعظیم نقصانات کے بعد بنگلہ دیش میں زندگی آہستہ آہستہ معمول پر آ رہی ہے۔ پرائمری اسکول دوبارہ کھل گئے ہیں، فیکٹریاں دوبارہ کام کر رہی ہیں اور کارکنوں نے دفاتر جانا شروع کر دیا ہے۔ ہائی اسکول اور یونیورسٹیوں کے امتحانات جو اگست میں ہونے والے تھے ستمبر تک کے لئے ملتوی کر دیئے گئے ہیں تاکہ مظاہروں میں زخمی ہونے والے طلبہ  کو صحت یاب ہونے اور تیاری کرنے کا وقت مل سکے۔ پولیس اسٹیشن بھی دوبارہ کھلنے لگے ہیں، جس سے یہ امید  پیدا ہو گئی ہے کہ بہت سے وہ لوگ، جنہوں نے حکومت مخالف مظاہروں کے دوران راتیں اپنے محلوں کی حفاظت میں گزاری تھیں وہ اب معمول کے مطابق زندگی گزار سکیں گے۔

    ملک میں موجودہ سیاسی تبدیلی کی رفتار کو دیکھتے ہوئے ایسا لگتا ہے کہ 8 اگست کو چارج سنبھالنے کے بعد سے غرباء کو آسان قسطوں پر قرض دینے والے گرامین بینک کے بانی اور سماجی کاروباری شخصیت، نوبل امن انعام یافتہ محمد یونس، کی قیادت میں قائم ہوئی عبوری حکومت نے اہم اداروں کی قیادت میں تیزی سے تبدیلی شروع کر دی ہے۔ 84 سالہ عبوری وزیر اعظم نے سپریم کورٹ کے نئے چیف جسٹس اور مرکزی بینک کے نئے گورنر کا تقرر کر دیا ہے۔ طلبہ کے دباؤ کے بعد ملک کی 42 یونیورسٹیوں میں سے کم از کم سولہ کے وائس چانسلرز مستعفی ہو گئے ہیں۔ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ احتجاج کے دوران ریاستی سرپرستی میں ہونے والی ہلاکتوں کے ذمہ داروں کے خلاف عدالتی کارروائی کرے گی۔ اس نے طلبہ  کے خلاف درج مقدمات کو ختم کرنا شروع کر دیا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد بحال کرنے کے لیے پولیس اصلاحات کا بھی آغاز کر دیا ہے۔

    عبوری حکومت

    عبوری حکومت، جو کہ اسکالرز، سابق سفارت کاروں، مرکزی بینک کے سابق گورنر، ریٹائرڈ فوجی اہلکار اور طلبہ  کے نمائندوں سمیت 16 مشیروں پر مشتمل ہے، کو ملک میں استحکام لانے اور جمہوری انتخابات کے انعقاد کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس حکومت میں مبینہ طور پر مرکزی اپوزیشن یعنی سابق صدر آنجہانی جنرل ضیاء الرحمٰن کی بیوہ اور سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کی بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی۔این۔پی) اور جماعت اسلامی سے وابستہ اراکین کا مرکب شامل ہے، جبکہ سابق حکمراں جماعت عوامی لیگ کا کوئی نمائندہ نہیں ہے۔ جماعت اسلامی، جس کے رہنما کو شیخ حسینہ کی حکومت نے 1971 کے قتل عام میں پاکستانی فوج کی مدد کرنے پر جنگی جرائم کا مرتکب ٹھہرا کر پھانسی دے دی تھی، نے عوامی لیگ کی حکومت کے خاتمے کے بعد ملک میں سیاسی واپسی کر لی ہے۔ اس پارٹی کے تمام دفاتر جو تیرہ سال سے بند تھے کھل گئے ہیں اور جیلوں میں بند اس کے تمام افراد رہا کر دیے گئے ہیں۔ جماعت اسلامی کی طلبہ  تنظیم، بنگلہ دیش اسلامی چھاتر شبیر، کا ہیڈ آفس بھی دوبارہ کھول دیا گیا۔ جماعت اور چھاتر شبر طلبہ  کے احتجاجی تحریک کا حصہ تھے۔

    عبوری حکومت کی آئینی مدت تین ماہ ہے اور اسے فوج کی حمایت حاصل ہے۔ اس کی ترجیح ملک بھر میں امن و امان کی بحالی اور عام انتخابات کی تیاری ہے، جو پارلیمنٹ کی تحلیل کے 90 دن کے اندر ہو سکتے ہیں، اگرچہ اس میں زیادہ وقت بھی لگ سکتا ہے۔ فوج کو ملک بھر میں استحکام کو یقینی بنانے کا کام سونپا گیا ہے- تاکہ عبوری حکومت کو کام کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔  بی۔این۔پی اور جماعت اسلامی انتخابات جلد کرانے کی خواہش مند ہونگیں اور شاید خالدہ ضیاء کی چار سال سے زیادہ گھر میں نظر بندی کے بعد 6 اگست کو رہائی کا فائدہ اٹھائے گی۔ انتخابات سے پہلے عبوری حکومت شیخ حسینہ کے دور اقتدار میں جمہوری پسماندگی کا مقابلہ کرنے کے لیے "بامعنی” عدالتی، بیوروکریٹک اور سیاسی اصلاحات کی بھی  کوشش کرے گی۔

    معاشی بدحالی

    محمد یونس کی حکومت کے لئے ملک میں امن و امان پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ ایک اور ترجیح ملک کے بڑھتے ہوئے معاشی بحران سے نمٹنا ہے۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی, ایندھن اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ نجی شعبے کے جمود کا باعث بن گئے ہیں۔ 450 ارب ڈالر کی معیشت والا بنگلہ دیش چند برس قبل دنیا کا سب سے تیزی سے ترقی کرنے والا ملک تھا۔ لیکن اس کے بیلنس آف پیمنٹ خسارے کو مستحکم کرنے کے لیے جنوری 2023 میں شیخ حسینہ کی حکومت کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ IMF سے 4.7 ارب ڈالر قرض لینے پر مجبور کیا گیا۔ محمد یونس کی حکومت نے میکرو اکنامک استحکام کی بحالی اور پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے اپنے ارادوں کا اظہار کیا ہے۔ حالیہ سیاسی بحران سے نکلنے کے لئے ملک IMF سے اضافی تین ارب ڈالر کا مطالبہ کر رہا ہے اور غیر ادا شدہ قرضوں کو پورا کرنے کے لیے مقامی بینکوں سے ڈالر خرید رہا ہے۔ یہ عالمی بینک سے بھی مزید 1.5 ارب ڈالر اور ایشیائی ترقیاتی بینک ADB اور جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی سے ایک ایک ارب ڈالر کا مطالبہ کررہا ہے۔ بنگلہ دیش بینک کے نئے گورنر نے کہا کہ وہ مہنگائی پر قابو پانے کے لئے آنے والے مہینوں میں شرح سود کو مزید 10 فیصد یا اس سے زیادہ تک بڑھا دیں گے۔ یہ قدم ملک میں ہفتوں کی سیاسی بدامنی کے باعث افراط زر میں تیزی سے اضافے کے بعد کیا گیا ہے، جو جولائی میں 11.66 فیصد کو چھو گئی تھی، جو کم ہوتے ذخائر اور گارمنٹس کی اہم صنعت سے برآمدات کو متاثر کرنے کے ساتھ جاری جد و جہد کے درمیان ہے۔

    اہم سوال

    ان سب کے باوجود یہ سوال باقی ہے کہ یہ معمول پر واپسی واقعی کتنی ٹھوس ہے۔ فوج اور عوامی حمایت حاصل ہونے کے باوجود محمد یونس کی پوزیشن قانونی طور پر غیر یقینی ہے کیونکہ شیخ حسینہ نے انتخابات کے درمیان نگراں حکومتوں کی آئینی شق کو ختم کر دیا تھا۔ آئین میں کہا گیا ہے کہ انتخابات 90 دن کے اندر کرائے جائیں، لیکن بنگلہ دیشی مبصرین کا خیال ہے کہ عبوری وزیر اعظم کو عدلیہ، پولیس اور انتخابی نظام کو نئے سرے سے سیاسی گرفت سے بچانے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔ تشویش کی بات یہ ہے کہ محمد یونس کو سیاسی نظام میں اصلاحات کرنے کے لئے اتنی مدت سے پہلے استعفیٰ دینا پڑے گا جتنی کہ عوامی لیگ اور بی۔این۔پی۔ کے درمیان انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ ختم کرنے کے لئے درکار ہے۔ ان دونوں جماعتوں نے 1971 میں پاکستان سے آزادی کے بعد سے بنگلہ دیش کی سیاست کو داغدار کیا ہوا ہے۔ ایک ریٹائرڈ افسر اور سابق سفیر، میجر جنرل شاہد الحق، نے کہا ہے کہ اگر دو سال میں الیکشن ہوتے ہیں تو ملک میں ایک متوازن سیاسی نظام قائم ہو سکتا ہے۔ لیکن اگر الیکشن جلد ہوگئے تو سب کچھ پرانا ہوگا اور کوئی نئی تبدیلی نہیں آ پائے گی۔

    پولیس اسٹیشنوں کا دوبارہ کھلنا ظاہر کرتا ہے کہ معاملات کتنی جلدی بگڑ سکتے ہیں۔ زیادہ تر پولیس اسٹیشنوں میں ابھی بھی فوجی کام کر رہے ہیں۔ مظاہروں کے دوران ہونے والے تشدد کی جوابی کارروائی کے خوف سے پولیس کام پر واپس آنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ لیکن جنرل حق کہتے ہیں کہ اصل بات یہ ہے کہ فوج کے پاس مستقل ایسا کرنے کی صلاحیت نہیں ہے، اس لیے پولیس کو انہیں واقعی جلد از جلد دوبارہ تعینات کر دینا چاہیے۔ خطرہ یہ ہے کہ بصورت دیگر ملک کو انارکی یا مارشل لاء کا سامنا کرنا پڑسکتا گا۔

    قبل از وقت انتخابات کرانے کے لیے ممالک کی سیاسی جماعتوں کا دباؤ ایک اور خطرہ ہے۔ فی الحال وہ تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ بی۔این۔پی۔ کے سیکرٹری جنرل مرزا فخر الاسلام عالمگیر کا کہنا ہے کہ ان کی پارٹی عبوری حکومت کی حمایت کرتی ہے۔ وہ جلد از جلد الیکشن چاہتی ہے لیکن اس کے لیے سیاسی ماحول تیار ہونا چاہیے۔ پارٹی کے دیگر رہنما بھی یہی کہتے ہیں۔ پھر بھی اگر انہیں محمد یونس کی حکومت میں ہلچل محسوس ہوتی ہے تو وہ اپنی دھن بدل سکتے ہیں۔

     

    طلبہ  کی طاقت

    ایک اور خطرہ یہ ہے کہ جن طلبا کے احتجاج نے محمد یونس کو اقتدار تک پہنچایا وہ صبر کھو بیٹھیں اور معاملات کو اپنے ہاتھ میں لینے کی کوشش کریں۔ 10 اگست کو سابق چیف جسٹس کا استعفیٰ جزوی طور پر سپریم کورٹ کے باہر ایک بڑے احتجاج کی وجہ سے ہوا تھا۔ احتجاج کی اس طرح کی مزید سیاست محمد یونس کے اختیار کو کمزور کر سکتی ہے۔ اس لئے بنگلہ دیش کو ایک متحرک جمہوریت بنانے کے لیے ان کی حکومت کو تیزی سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

    تقریباً 30 فیصد بنگلہ دیشی عوامی لیگ اور 30 فیصد بی۔این۔پی۔ کی حمایت کرتے ہیں جبکہ بقیہ 40 فیصد غیر منسلک یا چھوٹی جماعتوں کی حمایت کرتے ہیں۔ خالدہ ضیاء کی قیادت میں بی۔این۔پی۔ ممکنہ طور پر دوبارہ سیاسی رفتار حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔ اگر وہ اگلے عام انتخابات میں دوبارہ اقتدار حاصل کر لیتی ہے تو اس کو عوامی لیگ کے خلاف سیاسی انتقام کا لالچ دیا جائے گا، جس سے انتقامی کارروائی کے ایک چکر کا خوفناک امکان پیدا ہو گا۔

    ڈھاکہ یونیورسٹی کی پروفیسر نیلوفر یاسمین نے کہا کہ "بنگلہ دیش کے لوگ اب تک چلنے والی ثنائی سیاست کو قبول نہیں کرتے۔ اس لئے کسی تیسرے فریق کا ابھرنا اور لوگوں کو مختصر وقت میں ایک حقیقی متبادل فراہم کرنا بھی مشکل ہے۔”

    محمد یونس نے اپنی حلف برداری کی تقریب میں کہا تھا کہ”بنگلہ دیش کو دوسری آزادی ملی ہے۔” یہ بات انہوں نے بنگلہ دیشیوں کو پاکستان سے آزادی کی جد و جہد اور قوم کی تعمیر نو کے لیے لچک کے جذبے کو دوبارہ دریافت کرنے میں مدد کرنے کے اپنے عزم پر زور دیتے ہوئے کہی تھی۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا واقعی ایک جمہوری ریاست جو فوجی یا مطلق العنان حکمرانی سے پاک ہو شیخ حسینہ کی آمرانہ حکومت کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آخر کار حاصل ہو سکتی ہے؟

    بیرونی ممالک کی تشویش

    بنگلہ دیش میں ہونے والی پیش رفت کو جنوبی ایشیا اور گلوبل ساؤتھ (جس میں چین، ہندوستان، انڈونیشیا، برازیل، پاکستان، نائجیریا اور میکسیکو وغیرہ شامل ہیں) میں وسیع تر رجحانات کی بنیاد کے طور پر بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ نہ صرف امریکہ، یورپی ممالک اور جاپان — جو کہ بنگلہ دیش کو مدد فراہم کرنے والے سب سے بڑے ممالک ہیں  — جیسی دنیا کی سرکردہ جمہوریتیں بلکہ گلوبل ساؤتھ کے بہت سے ممالک، جن میں آمرانہ اور جمہوری دونوں ممالک شامل ہیں، دنیا کی آٹھویں سب سے زیادہ آبادی والے ملک کے بدلتے حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں کیونکہ بنگلہ دیش کی بدامنی گلوبل ساؤتھ کے لیے پریشان کن سر کی ہواؤں کا اشارہ دیتی ہے۔

    بنگلہ دیش میں عدم استحکام دیگر جنوبی ایشیائی ممالک میں ہونے والی حالیہ پیش رفت سے ایک خوفناک مماثلت رکھتا ہے۔ دو سال پہلے سری لنکا میں حکومت مخالف مظاہرے ہوئے جس کی وجہ سے اس وقت کے صدر گوتابایا راجا پاکسے کو ملک چھوڑنا پڑا۔ ڈھاکہ میں وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر دھاوا بولنے والے حکومت مخالف مظاہرین کی تصاویر 2022 میں سری لنکا میں ہونے والے واقعے کے متوازی ہیں، جب مظاہرین نے کولمبو میں صدارتی محل اور وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر قبضہ کر لیا تھا۔ اسی طرح کے مناظر پاکستان میں 2023 میں دیکھے گئے تھے، جب سابق وزیراعظم عمران خان کی اقتدار سے برطرفی اور گرفتاری کے بعد حکومت مخالف مظاہرین نے ایک آرمی گیریژن اور کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر حملہ کردیا تھا۔ دیکھنا یہ ہے کہ کیا ان واقعات کا اثر بھارت پر بھی پڑ سکتا ہے-

    ان سب معاملوں میں مشترکہ مسئلہ معاشی بدحالی ہے۔ بنگلہ دیش، سری لنکا اور پاکستان سبھی IMF سے امداد طلب کر رہے ہیں۔ اکثر مغربی ممالک اس معاشی پریشانی کی وجہ چین کے مبہم قرض دینے کے طریقوں اور زبردستی پر مبنی معاشی سرگرمیوں کو قرار دیتے ہیں۔

    بنگلہ دیش میں 18 سے 24 سال کی عمر کے ایک کروڑ اسی لاکھ افراد مبینہ طور پر بے روزگار ہیں یا اسکول نہیں جاتے  ہیں۔ پبلک سیکٹر میں ملازمتوں کے کوٹے کا مسئلہ حکومت مخالف بدامنی کے لیے بجلی کی چمک بن گیا تھا، جس نے بالآخر شیخ حسینہ کو اقتدار سے ہٹا دیا۔ یہ ایک وسیع چیلنج کی طرف اشارہ کرتا ہے جس کا سامنا جنوبی ایشیا کے بڑی نوجوان آبادی والے ممالک کو ہے۔ جنوبی ایشیا کی تقریباً 36 فیصد آبادی کی عمر 18 سال سے کم ہے۔ کافی اقتصادی مواقع اور روزگار کے مواقع کی عدم موجودگی میں خطے کے ڈیموگرافک ڈیویڈنڈ کا ڈیموگرافک بوجھ بننے کا پوشیدہ خطرہ ہے۔ یہاں تک کہ ہندوستان، جسے دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشت کہا جاتا ہے، میں ملک کے حالیہ انتخابات کے حیرت انگیز نتائج نے ملک کے نوجوانوں کی بے روزگاری اور بڑھتی ہوئی عدم مساوات پر شکایات کو ظاہر کیا۔

    قریبی اتحادی

    شیخ حسینہ، جو ڈھاکہ سے ایک ملٹری ہیلی کاپٹر کے ذریعے فرار ہوکر بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے قریب ایک ایئربیس پر اترگئی تھیں، وزیر اعظم نریندر مودی کی قریبی اتحادی تھیں۔ مودی کی ہندو قوم پرست حکومت نے انہیں بی۔ این۔ پی۔ کے اپنے حریفوں پر ترجیح دی تھی، جسے وہ قدامت پسند اسلام پسند گروپوں کے قریب دیکھتی تھیں۔ جہاں بھارت شیخ حسینہ کی میزبانی کررہا ہے وہیں مودی نے محمد یونس کو بھی اپنی حمایت کی پیشکش کی ہے۔

    بھارت کے لیے شیخ حسینہ کی رخصتی اس ملک کے سیکیورٹی اہداف کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔ ڈھاکہ کے بیجنگ کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعلقات بھی نئی دہلی کے لیے تشویش کا باعث ہوں گے۔ شیخ حسینہ کی برطرفی بھارت کی سلامتی اور علاقائی پالیسی کے لیے ایک اہم دھچکا ہے۔ حسینہ کے دور حکومت میں ایک سیکولر بنگلہ دیش، جس کے ساتھ ہندوستان اپنی طویل ترین زمینی سرحد اور مضبوط ثقافتی روابط رکھتا ہے، ہندوستان کا سب سے قریبی اتحادی اور ہندوستان کے سیکورٹی اہداف کا مؤثر نفاذ کرنے والا بن گیا تھا۔ ہندوستانی علیحدگی پسند باغیوں کے زیر استعمال تربیتی کیمپوں کو ختم کرکے بنگلہ دیش نے ہندوستان کے روایتی طور پر ہنگامہ خیز شمال مشرقی علاقے میں کئی دہائیوں سے جاری شورش کو ختم کرنے میں مدد کی تھی۔ مقامی طور پر بنگلہ دیش نے فعال طور پر پاکستان کے انٹر سروسز انٹیلیجنس (ISI) کے نیٹ ورک کا مقابلہ کیا، جو پہلے ان میں سے کچھ عسکریت پسند گروپوں سے منسلک تھا، اور اسلامی تنظیموں کو ختم کرنے کی کوششیں کیں۔ اس نے 2017 میں حرکت الجہاد الاسلامی بنگلہ دیش کے رہنما کو پھانسی دیتے ہوئے انسداد دہشت گردی کی ایک سخت پالیسی اپنائی۔

    دوطرفہ کشیدگی کے باوجود، بشمول شیخ حسینہ کے چین کے ساتھ اقتصادی اور دفاعی تعلقات پر ہندوستان کی تشویش اور ہندوستان کے شہریت (ترمیمی) ایکٹ 2019 پر بنگلہ دیش کی تشویش، جو بنگلہ دیش کے ساتھ ساتھ افغانستان اور پاکستان کی مذہبی اقلیتوں کے لیے شہریت کو تیزی سے آگے بڑھاتا ہے، دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط رہے ہیں۔ بنگلہ دیش ہندوستان کا سب سے بڑا ترقیاتی شراکت دار رہا ہے۔ نئی دہلی نے ڈھاکہ کو 40 سے زائد منصوبوں کے لیے تقریباً 10 ارب ڈالر کے رعایتی قرضے دیے ہیں، جن میں اعلیٰ اثر والے کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروجیکٹ بھی شامل ہیں، اور 2023 میں بنگلہ دیشی شہریوں کو تقریباً چھ لاکھ ویزے دیئے، جو بنیادی طور پر سیاحت کے لیے تھے۔ مزید برآں مودی جنوری 2024 میں شیخ حسینہ کو ان کی انتخابی کامیابی پر مبارکباد دینے والے پہلے غیر ملکی رہنما تھے۔ شیخ حسینہ نے 9 جون کو مودی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی اور اور اس تقریب کے بعد 21-22 جون کو کسی پہلے غیر ملکی رہنما کی حیثیت سے ہندوستان کا سرکاری دورہ کیا۔

    شیخ حسینہ کی بحیثیت پناہ گزین نئی دہلی آمد پر بھارت کی جانب سے فوری یہ ردعمل سامنے آیا کہ حکومت نے بنگلہ دیش کے ساتھ اپنی جزوی طور پر غیر باڑ والی زمینی سرحد پرسیکورٹی بڑھا دی، ملک بھر میں اپنے سفارتی مشنوں سے سفارتی عملے کے اہل خانہ کو واپس بلا لیا اور ڈھاکہ میں اندرا گاندھی ثقافتی مرکز سمیت ہندوستانی اداروں کی طرف سے بنگلہ دیش میں باقی رہنے والے تقریباً 10,000 ہندوستانی شہریوں کو ان کی حفاظت کا مشورہ دیا۔ بھارتی حکومت نے استحکام کا مطالبہ کیا اور تقریباً 1.4 کروڑ بنگلہ دیشی ہندوؤں کی حفاظت پر تشویش کا اظہار کیا، جن کی شیخ حسینہ اور عوامی لیگ کی روایتی حمایت نے انہیں ہنگامہ آرائی کا نشانہ بنایا تھا۔

    بھارت کے لیے چیلنج

    بھارت کے لیے بنگلہ دیش کے سلسلہ  میں مختصر مدت کا نقطہ نظر پریشان کن دکھائی دیتا ہے۔ شیخ حسینہ کے خلاف عوام کا غصہ اور ان کے خاندان کی میراث کو چیلنج — جس کا مظاہرہ ان کے والد کے مجسمے اور خاندانی گھر کی توڑ پھوڑ سے ہوا — نمایاں نظر آتے ہیں۔ نئی حکومت میں بی۔ این۔ پی۔ اور خالدہ ضیاء کی قید کا فائدہ اسی طرح بھارت کے لیے چیلنجز پیش کرے گا۔ بنگلہ دیش میں انتہا پسندی میں اضافے پر تشویش ہوگی جو ملک کی بڑی ہندو برادری کو نشانہ بنا سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ شمال مشرقی ہندوستانی باغی گروپوں کی حمایت دوبارہ شروع ہوسکتی ہے۔ لیکن بھارت کو اپنی مشرقی سرحد پر شمال میں چین اور مغرب میں پاکستان کے ساتھ ایک اور ’سیکیورٹی فرنٹ‘ کھولنے سے روکنے کے لیے اگلی حکومت کے ساتھ تعلقات کو ترجیح دینے کی ضرورت ہوگی۔

    نئی دہلی بنگلہ دیش میں چین کے بڑھتے اثر و رسوخ پر بھی نظر رکھے گا۔ بیجنگ ڈھاکہ کے لیے ایک اہم اقتصادی شراکت دار رہے گا، اور نئی حکومت جولائی کے اوائل میں ہوئے شیخ حسینہ کے بیجنگ کے دورے کو آگے بڑھانے کی کوشش کرے گی، جہاں ان کے دوطرفہ تعلقات کو ‘جامع اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری’ تک بڑھا دیا گیا تھا۔اسی دوران یہ خبر بھی آئی کہ بنگلہ دیش نے شیخ حسینہ اور ان کے سابق وزراء کے سفارتی پاسپورٹ منسوخ کر دیئے ہیں۔ یہ اسی دن ہوا جب اقوام متحدہ کی ایک ٹیم حالیہ مظاہروں کے دوران انسانی حقوق کی ممکنہ خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لئے ڈھاکہ پہنچی۔ پاسپورٹوں کی منسوخی نے سابق مطلق العنان رہنما کو ممکنہ معدومیت میں ڈال دیا ہے۔ یہ شیخ حسینہ کے موجودہ میزبان، علاقائی پاور ہاؤس انڈیا، کے لیے بھی سفارتی مخمصے کا باعث ہے۔

    برطانیہ اور امریکہ نے عبوری حکومت کو مثبت انداز میں دیکھتے ہوئے شیخ حسینہ کی حکومت اور بنگلہ دیش کے تئیں بھارت کے لیے مختلف موقف اپنایا ہے۔ شیخ حسینہ حکومت کے ساتھ امریکہ کے تعلقات حالیہ مہینوں میں خراب ہو گئے تھے، جب کہ برطانیہ نے شیخ حسینہ کے استعفیٰ کے ارد گرد ہونے والے واقعات کی "مکمل اور آزاد اقوام متحدہ کی زیر قیادت تحقیقات” کا مطالبہ کیا تھا۔ ہندوستان کی طرح تینوں حکومتیں بنگلہ دیش میں نئے سیاسی نظام کے ساتھ مشغولیت کی کوشش کریں گی۔

  • افکار ملی ایک میگزین نہیں، ایک تحریک ہے

    افکار ملی ایک میگزین نہیں، ایک تحریک ہے

    ایک اہم اپیل

    قارئین کرام

    السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ

    افکار کے ذریعے ہماری ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ امت کو نہ صرف حالات سے باخبر رکھا جائے بلکہ اس میں حالات پر اثر انداز ہونے کا حوصلہ بھی پیدا کیا جائے۔ اس وقت جو طاقتیں برسراقتدار ہیں ان کا اصل ہدف اسلام اورمسلمان ہیں۔ ان کے مذموم مقاصد کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ اسلام اور اس پر عمل پیرا امت مسلمہ ہے۔ تاہم اس کامقابلہ جذباتیت اور اشتعال انگیز ی نہیں بلکہ حکمت و تدبر، دانش مندی اور غورو فکرکے ساتھ بنائی جانے والی حکمت عملی ہے، جس میں امت کے تمام ارباب حل و عقد کو مل جل کر حصہ لینا ہوگا۔ افکار ملی وہ پلیٹ فارم ہوگا جہاں ان امور و مسائل پر اجتماعی غورو فکر ہوگا۔ امت کی فکری و اخلاقی بلندی، اس کی نئی نسل کی صحیح اٹھان، اس کی صلاحیتوں کا ارتقا، اس کی دین سے گہری اور شعوری وابستگی، اس کا اپنے مقصد و نصب العین سے گہرا تعلق، زندگی کے مادہ پرستانہ نقطہ نظر سے اجتناب، ملک و ملت کے تعلق سے اس کا بلند اور واضح وژن، اس میں داعیانہ تڑپ اور اس کے تقاضوں سے عہدہ براء ہونے کی جدوجہد، اس میں امت خیر، امت وسط اور ایک یونیورسل امت ہونے کا احساس پیدا کرنا، یہ سب افکار کے مشن کا بنیادی حصہ ہیں۔ افکار کی یہ بھی کوشش ہوگی کہ امت تعلیمی اعتبار سے امپاور، اقتصادی حیثیت سے خود کفیل اورسیاسی اعتبار سے رہ نمایانہ مقام پر فائز ہوسکے۔ اس کا تقاضا یہ بھی ہوگا کہ اس کی صفوں میں مکمل اتحاد و یگانگت ہو۔

    افکار اسلام اور مسلم دشمن عناصر کی ان سازشوں اور منصوبوں کو بے نقاب کرنے اور تدارک کی راہیں تلاش کرنے اور حکمت عملی بنانے میں ان شاء اللہ معاونت بھی کرےگا۔ ہماری کوشش ہوگی کہ ملت میں انفرادی و اجتماعی حیثیت سے مسلمانوں کو بااختیار بنانے کے جو بھی تعمیری کوششیں ہورہی ہیں ان سے بھی آپ کو واقف کرائیں۔ اسی طرح ہم یہ بھی چاہیں گے کہ مسلم معاشرے میں جو معاشرتی و اخلاقی خرابیاں در آئی ہیں ان کا ازالہ ہوسکے۔ ہماری یہ بھی کوشش ہوگی کہ امت مسلمہ اس ملک کے لیے ایک اثاثہ بن سکے۔ عام انسانی سماج جن مسائل و مصائب سے پریشان ہے ہم اس پر محض ایک تماشائی نہیں بنے رہ سکتے- خیر امت ہونے کی حیثیت سے ہمیں ان مسائل اور ان کی پشت پر موجود عوامل سے کماحقہ واقف ہونا چاہیے اور پھر اس کے تدارک کے لیے بھی عملی جدوجہد کرنی چاہیے۔ اسی طرح فرقہ پرست عناصر نے اسلام اور مسلمانوں سے متعلق جو غلط فہمیاں برادران وطن میں پیدا کرکے انھیں مسلمانوں سے بدظن بلکہ متنفر کردیا ہے، ہمیں اس کے ازالہ کے لیے بھی شعوری کوشش کرنی چاہیے۔ افکار ان امور کی طرف توجہ دلانے کی کوشش کرے گا۔

    ظاہر ہے مذکورہ بالا وسیع تر ایجنڈے کو بروئے کار لانے کے لیے ہر فیلڈ کے ایکسپرٹس اور صحافیوں کی ایک ٹیم درکار ہوگی۔ ان شاءاللہ ہم کچھ اسپیشل ویڈیو رپورٹس اور انٹرویوز بھی پیش کریں گے۔ اسی طرح جلد ہی اس کا پرنٹ ایڈیشن اور ہندی ورژن بھی لانے کا منصوبہ ہے۔ ظاہر یہ سب کام ایک خطیر رقم کا مطالبہ کرتا ہے۔ ہماری یہ بھی کوشش رہے گی کہ آن لائن ایڈیشن فری آف کاسٹ لوگوں کے لیے available رہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے استفادہ کرسکیں۔ لہذا ہم افکار کے بہی خواہوں، اصحاب خیر حضرات اور درد مندان ملت سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ اس پروجیکٹ میں دل کھول کر حصہ لیں گے۔ آپ اپنی رقمیں درج ذیل اکاونٹ میں براہ راست بھیج سکتے ہیں یا چیک یا ڈرافٹ درج ذیل پتے پر بھی بھیج سکتے ہیں۔ اگر براہ راست رقم بھیجیں تو اس کی بینک رسید مع اپنے پتے کے WhatsApp کرکے رسید حاصل کرلیں۔

    Bank Details

    Account Name: Afkar-e-Milli, Delhi

    Bank: State Bank of India

    Ac/No: 10177185053

    IFSC : SBIN0008079

    Branch: Zakir Nagar

    Address Afkar-e-Milli, E-57/1, 5th Floor, Abul Fazal Enclave, Jamia Nagar, New Delhi-110025

    M: 9811828444

    والسلام

    ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس

    ایڈیٹر

  • ناشر کا خط

    ناشر کا خط

    قارئین کرام

    سلام مسنون

    اگست کا شمارہ حاضر ہے۔ مرکزی حکومت  نے بجٹ اجلاس کی ہنگامہ آرائی  کے دوران  ایک ایسا فیصلہ  کر ڈالا جس کے مضر اور دور رس اثرات کو اپوزیشن اور ملک  کی عوام محسوس نہیں  کرسکی اور اس کی وہ مخالفت  نہیں  ہوئی جو کہ ہونی چاہئے  تھی۔ وہ فیصلہ تھا سرکاری  ملازمین پر دوران  ملازمت آر ایس ایس میں  شمولیت  پر لگی پابندی کو ہٹانے کا۔ اس کے کتنے دورس اور مضر اثرات پڑیں  گے ملک پر، جمہوریت پر، ملک کے دستور کی بنیادی دفعات پر اور اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں پر اس کا جائزہ لینا ضروری  ہے۔ اس بار سرورق کی کہانی اسی پر مبنی ہے۔ دہلی یونیورسٹی  کے پروفیسر شمس الاسلام  ہمارے ملک میں آر ایس ایس پر اتھارٹی  مانے جاتے ہیں۔ انہوں  نے ہماری درخواست  پر اس فیصلے  کے مضمرات کا تفصیل  سے جائزہ  لیا ہے۔

    آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا شرما اپنے مسلم دشمن اقدامات کے لئے مشہور ہیں۔ اس بار انہوں  نے ایک مضحکہ خیز، دستور مخالف اور مسلمانوں کی معیشت  کو نقصان پہنچانے والا فیصلہ  کیا کہ اب کوئی ہندو نہ تو مسلمانوں  سے کوئی چیز خریدے گا اور نہ انہیں  کوئی چیز بیچے گا۔ ظاہر ہے تکثیری معاشروں میں  ایسے بے ہودہ فیصلوں کا کوئی مقام نہیں ہے اور نہ وہ ٹہر سکتے ہیں البتہ اگر یہ قانونی  مقام حاصل کرلیں تو دونوں  ہی طبقات کے لئے مشکلات پیدا کرسکتے ہیں۔ نوراللہ جاوید نے یہ اور اسی طرح  کے دوسرے ریاستی  حکومت  کے فیصلوں کا جائزہ لیا ہے اپنے مضمون ” وہ تازہ دم ہیں نئے شعبدے دکھاتے ہیں” میں۔

    بنگلہ دیش کی طلبہ تحریک  نے نہ صرف حسینہ واجد کی تانا شاہی حکومت  کا خاتمہ کیا بلکہ 15 سالوں سے اقتدار پر فائز تانا شاہ کو اس طرح بے آبرو کیا کہ اسے اپنے ملک میں  بھی پناہ نہیں  ملی۔ قاسم سید نے اپنے مضمون ” بنگلہ دیش نئے مستقبل کی تلاش” میں آئندہ کے امکانات پر روشنی  ڈالی ہے۔

    اسماعیل ہنیہ ؒ کی شہادت کے پس پشت اسرائیلی  عزائم اور اس کے فلسطین ۔ اسرائیل  تنازعہ پر پڑنے والے اثرات کا  ڈاکٹر  غطریف شہباز ندوی نے جائزہ لیا ہے اپنے مضمون ” اسماعیل  بنیہ شہید ” میں۔

    ان کے علاوہ بھی کئی اہم موضوعات پر سیر حاصل مضامین اورکچھ دوسرے  اہم  کالمس بھی ہیں آپ کے محبوب  رسالہ میں۔

    اگر آپ چاہتے ہیں  کہ افکار پابندی سے نکلتا رہے اور ملک و ملت کے اہم مسائل سے نہ صرف آپ کو باخبر رکھے  بلکہ ملک و ملت کے اہم مسائل پر گفتگو اور  بحث و تمحیص ایک پلیٹ  فارم بھی بنا رہے تو براہ کرم اسے اپنے پیروں پر کھڑا کرنے اپنا تعاون  بھی پیش کرتے رہیے۔ اس تعلق سے ہماری  اپیل ( صفحہ نمبر    )کو ضرور پڑھیئے اور اگر آپ کو اس سے اتفاق ہے تو پھر دیر نہ کیجئے۔ کبھی کبھی ایک بوند پانی بھی اگر وہ کئی طرف سے اور لگاتار آئے تو دریا بن جاتا ہے۔

    والسلام

    ناشر

  • اٹھو  وگرنہ حشر نہیں ہو گا پھر کبھی

    اٹھو  وگرنہ حشر نہیں ہو گا پھر کبھی

    مودی سرکار اپنی تیسری  ٹرم میں  کمزور ہونے کے باوجود اپنے تخریبی  ایجنڈے پر مسلسل گامزن ہے۔ سب سے پہلے اس نے سرکاری ملازمین  پر ملازمت  میں  رہتے ہوئے ان کی آر ایس ایس میں شمولیت پر لگی پابندی کو ہٹادیا۔ اب کوئی بھی سرکاری ملازم علی الاعلان آر ایس ایس کے فسطائی اور فرقہ پرست ایجنڈے پر گامزن رہتے ہوئے اپنے عہدے پر نہ صرف برقرار رہے گا بلکہ اس کی آبیاری بھی کرتا رہے گا۔ اس فیصلہ کے مضمرات  کا اندازہ بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔

    مسلمان اس حکومت کا مرغوب  ترین ایجنڈا ہیں۔ 2024 کا پورا پارلیمانی الیکشن مسٹر مودی  کی پارٹی  نے مسلم نفرت پر ہی لڑا تھا۔ مسلمانوں  کی جان و مال، عزت و آبرو پر تو گزشتہ 10 سالوں  سے برابر اور پے در پے حملے ہوہی رہے تھے ، اب ان کے دین و ایمان، ان کی شناخت، ان کے پرسنل لا اور ان کے عصری و دینی تعلیمی  اداروں کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔ اس طویل اور دراز ہوتے سلسلہ  کی اگلی کڑی کے طور پر حال ہی میں پارلیمنٹ میں وقف ترمیمی بل پیش کیا گیا۔ بظاہر اس کا مقصد بڑا پاک اور لوگوں کو متاثر کرنے والا بتایا جارہا ہے۔ کہا گیا کہ کام کاج میں  شفافیت اور مسلم سماج کے کمزور اور ضرورت مند افراد کو فائدہ پہنچانا پیش  نظر ہے۔ لیکن مجوزہ تمام ترمیمات حکو مت کی بدنیتی اور ناپاک عزائم و ارادوں  کا منہ بولتا ثبوت  ہیں ۔

    اس بل میں وقف ایکٹ کو کمزور کرنے، وقف املاک پر قبضے کی راہ ہموار کرنے، وقف بورڈ وں کی حیثیت گھٹانے، وقف ٹریبونل  اور سروے کمشنروں کے اختیارات کلکٹر وں اور پٹواریوں کو منتقل کرنے کے علاوہ کئی ایسی ترمیمات لائی گئی ہیں  جس سے کہ وقف ایکٹ کی معنویت اور افادیت  ہی ختم ہوکر رہ جاتی ہے۔ سینٹرل  وقف کونسل اور وقف بور ڈوں کے ممبران میں  اضافہ کے علاوہ ان کی نوعیت و حیثیت ہی بدلی جارہی  ہے۔ یعنی اس میں غیر مسلموں کی شرکت کے لئے بھی راستہ ہموار کیا گیاہے۔ یہان تک کہ ممبران  پارلیمنٹ، اسمبلی ممبران اور بار کونسل کے اراکین کے لئے بھی اب مسلمان  ہونے کی شرط باقی نہیں  رہے گی۔ جب کہ مندروں، مٹھوں، عیسائیوں اور سکھوں کے اوقاف و مذہبی اداروں کی انتظامیہ میں دوسرے  مذہب بلکہ بعض جگہ تو دوسری کاسٹ کا بھی کوئی شخص پر نہیں  مارسکتا۔ ایک مضحکہ خیز ترمیم یہ بھی ہے کہ واقف کے لئے پانچ سال تک باعمل مسلمان ہونا ضروری  ہوگا۔ یعنی جو شرط شریعت نے نہیں  لگائی وہ اب حکومت  لگانا چاہتی ہے۔ سوال یہ ہے کسی کے باعمل مسلمان  ہونے کا سرٹیفکیٹ  کون دے گا۔ موجودہ ترمیمی ایکٹ غیر مسلموں  سے وقف کرنے کا حق بھی چھین لیتاہے۔ اسی طرح بطور استعمال (Waqf by User) کو مجوزہ بل میں  سے ہی نکال دیا گیا ہے۔ یعنی اگر کوئی مسجد، کوئی قبرستان یا کوئی درگاہ چاہے برسوں سے استعمال میں کیوں نہ ہو لیکن اگر وہ وقف بورڈ  میں بطور وقف رجسٹرڈ  نہیں ہے تو اس پر قبضہ کی راہ آسان ہو جائے گی۔

    مجوزہ ترمیمی  ایکٹ میں  خواتین، پس ماندہ مسلمانوں اور شیعہ، بوہرہ اور آغا خانیوں کے لئے بھی سیٹیں مختص کی گئی ہیں حالانکہ دوسری  طرف بوہرہ  اور آغا خانی طبقہ کے لئے الگ سے وقف بورڈ  بنانے کا اعلان بھی ہے۔ موجودہ وقف ایکٹ(1995) میں نہ تو خواتین اور نہ ہی پس ماندہ طبقات کی نمائندگی پر کوئی پابندی ہے بلکہ کئی وقف بورڈوں میں خواتین اور پس ماندہ مسلمان بھی وقف بورڈوں  کے ممبر ہیں ۔ دراصل یہ شوشہ  اس لئے چھوڑا گیا تا کہ مسلمانوں  کے اندر دراڑ  پیدا کی جاسکے۔ ویسے بھی حکومت نے مسلمانوں  کے اندر اپنے کچھ زرخرید تو پیدا ہی کرلئے ہیں جو پریس  کانفرنسیں کرکر کے اور گودی میڈیا کے چینلوں اپنے آقاؤں کے سر میں  سر ملاکر اس سازش کے کل پرزےبن رہے ہیں۔ ملت کو ان آستین کے سانپوں سی ہوشیار رہنے کی ضرورت  ہے۔

    وقف امینڈمینٹ بل پر پارلیمنٹ میں اپوزیشن  کی سخت مخالفت ، این  ڈی اے کے بعض حلیفوں کے تحفظ اور آل انڈیامسلم پرسنل لا بور ڈ اور مسلم جماعتوں  کے سخت رویہ  کی وجہ سے یہ بل سردست جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی  کے حوالے کردیا گیا ہے ۔ تاہم یہ بات طے ہے کہ کمیٹی  میں  بی جے پی ممبران کی اکثریت کی بناء پر کوئی بھی معقول بات مانی نہیں  جائے گی بلکہ لیپا پوتی کرکےاسے یہ کہہ کر پارلیمنٹ میں  دوبارہ پیش  کردیا جائے گا کہ اس پر سب کی سہمتی ہوگئی ہے۔ اس وقت امت کا حال یہ ہوگا کہ اب پچھتائے کیا ہوت جب چڑیان چگ گئی کھیت۔

    ہمارا خیال ہے کہ اب مسلم پرسنل لا بورڈ ، تمام مسلم جماعتوں اور مسلمانوں  کی ہر چھوٹی  بڑی تنظیم و شخصیت  کو وقف ترمیمی بل کی مکروہ سازش کے خلاف پوری  طاقت اور قوت سے صف آراء ہوجانا چاہیے۔ مسئلہ صرف ایک دو املاک کا نہیں ہے بلکہ پورے ملک میں  پھیلی  ہزاروں  ایکڑ پر مبنی وقف املاک زد میں ہیں، جنہیں ہمارے بزرگوں اور اسلاف نے اللہ کے لئے اور امت مسلمہ کی دینی، ملی اور فلاحی  ضرورت  کے لئے وقف کیا تھا ۔ یہ حکومت کی عطا کردہ یا کسی سے جبراً اور غیر قانونی  طور پر حاصل کردہ املاک نہیں  ہیں۔ ویسے بھی ہم دیکھ رہے ہیں کس طرح عدالتی جبر کے ذریعہ بابری  مسجد ہم سے چھین لی گئی اور اب عبادت گاہوں  سے متعلق قانون کی موجودگی کے باوجود عدالتیں من مانے فیصلے  دے رہی ہیں۔ گیان واپی مسجد ہو یا متھرا کی شاہی عید گاہ یا پھر    بھوج شالہ مسجد ہو یا لکھنو کی ٹیلہ والی مسجد یا پھر ہگلی کی عید گاہ سب پر ظالم گدھوں کی نگاہیں لگی ہوئی ہیں۔ پھر اس کے علاوہ سینکڑوں  ایکڑ کی وہ املاک بھی ہیں جس پر خود حکومتوں نے قبضہ  کر رکھا ہے۔

    بس اب ایک ہی راستہ ہے وہ ہے عوامی احتجاج کا راستہ۔ جمہوریت میں  اصل آواز اور اصل دباؤ  عوام ہی کا ہوتا ہے۔ ماضی میں شاہ بانو کا معاملہ ہو یا حال کی سی اے اے CAA مخالف تحریک یہ عوامی  سیلاب ہی تھا جس نے حکومت کے پسینے چھڑا دئے تھے۔ اپوزیشن پارٹیاں بھی یہی زبان سمجھتی ہیں۔ منت سماجت اور اپیلوں  کو وہ ہماری کمزوری اور بے بسی سمجھتی ہیں اور اسے خاطر میں  نہیں  لاتیں۔  اگر خدانخواستہ ملت کے ارباب حل وعقد، دینی و ملی جماعتیں بیانات، پریس کانفرنسوں، یاداشتوں، اپیلوں  اور ملاقاتوں سے آگے کچھ اور کرنے پر آمادہ نہ ہوں تو پھر ملت کے نوجوانوں اور عامتہ المسلمین کو اپنے بل بوتے پر  ازخود ملک کے طول و عرض میں ایک عوامی تحریک  کھڑی کرنی چاہیے، جیسا کہ انہوں  نے ابھی حال میں  اینٹی سی اے اے تحریک  میں  دکھایا ہے۔ یاد رکھئے اگر ملت اس ظالمانہ بل کے خلاف کھڑی ہوگئی تو پھر دیگر اقلیتیں، دلت، ادی باسی اور تمام محروم و مظلوم طبقات آپ کے شانہ بشانہ ہوں گے جس کا مشاہدہ   ہم نے سی اے اے مخالف تحریک میں کیا ہے۔ پھر ایک ہی نہیں ہر مسئلہ  ان شاءاللہ حل ہوگا۔  بنگلہ دیش  کی طلبا تحریک کی اثر پذیری کو ہم ابھی ابھی دیکھا ہے۔ لہذا

    اٹھو  وگرنہ حشر نہیں ہو گا پھر کبھی

    دوڑو زمانہ چال قیامت کی چل گیا

  • نیٹ امتحان میں دھاندلی

    نیٹ امتحان میں دھاندلی

    الیکٹورل بانڈ کے نام پر پورے ملک میں لوٹ کھسوٹ کے بعد اب مختلف کورسز اور ملازمتوں کے لئے ہونے والے مقابلہ جاتی امتحانات میں بڑے پیمانے پر ہونے والی بدعنوانی نے ملک کے کروڑوں طلبہ اور نوجوانوں کو ایک بار پھر چوراہے پر لا کھڑا کیا ہے۔ یوں تو اس طرح کے امتحانات کا پیپر لیک ہونا ہندوستان جیسے ملک میں کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے لیکن پچھلے چند سالوں میں اس میں جتنی تیزی دیکھنے میں آئی ہے اس نے سا بقہ سارے ریکارڈ تورڑ دئے ہیں۔مئی میں ڈاکٹری کی پڑھائی کے لئے ہونے والے مقابلہ جاتی امتحانات نیٹ (NEET)میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی کے الزامات نے 24, لاکھ نوجوان طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگا دیا ہے۔ یہ سلسلہ یہیں نہیں رکا بلکہ اس کے بعد 18 جون کو یوجی سی نیٹ (UGC-NET)کے امتحانات کے فورا بعد مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے اعلان کیا اس کا پیپر بھی لیک ہونے کا خدشہ ہے لہذا اس کو بھی رد کردیا گیا۔ اس کے فورا بعد سائنس کے شعبہ میں سی ایس آئی آر نیٹ اور پھر نیٹ پی جی کی تاریخوں کو مؤخر کردیا گیا۔
    ماضی میں بھی اس طرح کی وارادات ہوتی رہیں ہیں لیکن اس بار پانی اس وقت سر سے اونچا ہوگیا جب نیٹ کے امتحانات کے نتیجہ کے اعلان کیا گیا۔ نتیجہ میں حیرت انگیز طور پر 67 طلبہ کو پورے کا پورا 720 نمبر ملا تھا۔ اس میں سےچھ طلبہ کے امتحان کا مرکز ایک ہی تھا۔ اس کے علاوہ کئی طلبہ کے نمبرات 717اور 719 کے درمیان تھے۔ اصل ہنگامہ اس کے بعد ہی شروع ہوا کیوں کہ ان نمبرات کا حصول کسی بھی طور پر ممکن نہیں ہے۔کیوں کہ اس امتحان میں کل 180سوال ہوتے ہیں اور ہر سوال پر چارنمبر مختص ہوتے ہیں۔ کسی سوال کا غلط جواب دینے پر منفی نمبرات قانون کی رو سے کل حاصل کیے گئے نمبرات میں سے ہر غلط سوال پر ایک نمبر کاٹ لیے جاتے ہیں۔ اس لیے کہ اگر مذکورہ طالب علم یا طالبہ نے سارے سوال صحیح کیے ہیں تو اس کو پورے کے پورے 720 نمبر ملنے چاہیے اور اگر ایک بھی سوال کا جواب غلط ہے تو اس کو715 نمبر ملنے چاہیے۔ اگر کسی طالب علم نے ایک سوال چھوڑ دیا ہے تو اس کو 716 نمبر ملنے چاہیے۔
    سال 2016 سے اب تک جب سے نیٹ کے ذریعہ میڈیکل کالجوں میں داخلہ کا معاملہ شروع ہوا تب سے ہر سال صرف ایک سے تین طالب علموں نے پورے نمبر حاصل کیے تھے لیکن اس سال معاملہ الگ تھا۔ اس کے علاوہ اس بار 650-680 کے درمیان نمبرات لانے والے طلبہ کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ ہوا، جس سے ہندوستان کے اعلیٰ میڈیکل کالجوں میں نشستوں کے لیے مقابلہ آرائی زیادہ ہوگئی۔این ٹی اے کی دلیل یہ تھی کہ امسال زیادہ امیدواروں نے امتحان دیا ہے اس لیے ایسا ہوا ہے لیکن اگر یہ بات صحیح ہوتی تو اوسط نمبرات پانے والے طلبہ کی تعداد میں بھی اسی طرح اضافہ ہوتا لیکن ایسا نہیں ہوا۔
    اس پر جب زیادہ لے دے مچی تو امتحانات کا انعقاد کرنے والی نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (NTA) نے صفائی دیتے ہوئے کہا کہ کچھ مراکز میں بعض تکنیکی خرابی کی وجہ سے امتحان تاخیر سے شروع ہوا اس لیے 1563 طلبہ کو گریس مارک کی شکل میں نمبر دیئے گئے ہیں۔ اس پر ہنگامہ ہونا طے تھااور دیکھتے دیکھتے پورے ملک میں بھونچال سا آگیا۔ سپریم کورٹ کے علاوہ مختلف ریاستوں کے ہائی کورٹ میں طلبہ اور ان کے والدین انصاف کے لیے پہنچے۔ بالآخر سپریم کورٹ نے اپنے عبوری فیصلے میں گریس مارک کو "من مانی” اور "غیر منصفانہ” قرار دے کر اسے منسوخ کر دیا اور ان 15سو طلبہ کو دوبارہ امتحان دینے کا موقع بھی دیا۔ لیکن اس درمیان ایسے دعوے بھی سامنے آئے کہ اس امتحان کا پرچہ امتحان سے پہلے ہی سوشل میڈیا پر گردش کررہا تھا۔ گرچہ حکومت نے اس طرح کے کسی بھی دعوے کو خارج از امکان قراردیا ہے لیکن بہار اور گجرات سمیت مختلف ریاستوں کی پولیس اور مرکزی تفتیشی ایجنسی سی بی آئی نے کئی لوگوں کو گرفتار بھی کیا ہے۔ پورے ملک میں ان امتحانات کے دوبارہ انعقاد کے لئے پرزور مطالبہ کیا جارہا ہے لیکن حکومت کا کہنا ہے کہ چھوٹے موٹے واقعات کچھ مقامات پر ہوئے ہوں لیکن عمومی طور پر امتحان بہتر ماحول میں ہوا ہے لہذا دوبارہ امتحان نہیں کرایا جاسکتا۔ فی الحال معاملہ سپریم کورٹ میں زیر غورہے۔
    ان واقعات نے بہت سارے سوالوں کو جنم دیاہے۔ واضح رہے کہ میڈیکل کورسز کے لیے یہ مقابلہ جاتی امتحان ملک میں ڈاکٹر بننے کا واحد راستہ ہے۔ اگر اس میں اتنے بڑے پیمانے پر دھاندلی اور بدعنوانی پائی جارہی ہے تو اس کا سیدھا مطلب یہ ہے کہ مستقبل میں عوام کو ایسے لوگوں سے علاج کروانا ہوگا جو علم او ر پیشہ ورانہ طور پر اس کے لائق نہیں ہوں گے۔ لیکن معاملہ اس سے بھی زیادہ پیچیدہ ہے۔ نقل اور دھوکے سے امتحان پاس کرنا مشرقی ممالک میں ایک عام بات ہے۔ بعض دفعہ مغرب کے انتہائی ترقی یافتہ سمجھے جانے والے ممالک میں بھی اس کی بھونڈی مثالیں دیکھنے کو ملتی ہیں۔ چند سال قبل بورڈ کے امتحانات میں بہار کے ایک مرکز پر باونڈری سے باہر سے اپنی جان پر کھیل کر دوسرے منزلہ نقل کی پرچی پہنچانے کی تصویریں پوری دنیا میں مشہور ہوئی تھی۔ لیکن وہ اکلوتا واقعہ نہیں تھا۔ شمالی ہندوستان میں یہ وبا عام ہے۔ ابتدائی اور ثانوی درجات سے لے کر بورڈ امتحانات اور یونیورسٹی تک میں نقل کے معاملات دیکھنے کو ملتے ہیں۔ حد یہ ہے کہ طلبہ کے علاوہ اس طرح کی جرائم میں اساتذہ، والدین، سرپرست اور اسکول کا عملہ بھی شامل ہوتا ہے- جدید ٹکنالوجی نے اس میں مزید آسانی پیدا کردی ہے۔ اب امتحانی پرچوں کی چوری، اس کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنا، طلبہ اور والدین سے رابطہ کرنا اور اس میں پیسوں کا لین دین بہت آسان ہوگیا ہے۔ چند ماہ قبل اترپردیش کی پوروانچل یونیورسٹی میں فارمیسی کے چار طلبہ کو امتحانی پرچوں میں صرف جے شری رام اور کرکٹ کھلاڑیوں کا نام لکھنے پر 56 فیصد نمبرات سے پاس کردیا گیا تھا۔
    تصویر کا دوسرا رخ یہ ہے کہ414 کروڑ والے اس ملک میں میڈیکل کی تعلیم کے لئے محض 11ہزار سیٹیں مختص ہیں جن میں تقریبا 6 ہزار سرکاری کالجوں میں ہیں بقیہ پرائیوٹ کالجوں میں ہے۔ان گیار ہ ہزار سیٹوں کے لئے امسال تقریبا 24 لاکھ طلبہ نے درخواست دی تھی۔ ظاہر ہے جب سیٹ کم ہوگی تو مقابلہ زیادہ ہوگا۔ لہذا سرکاری کالجوں میں داخلہ کے لئے طلبہ اور ان کے والدین لاکھوں روپیہ خرچ کرتے ہیں ۔ بعض دفعہ داخلہ امتحان کی تیاری میں ان کا پیسہ اصل کورس سے زیادہ خرچ ہوجاتا ہے۔ سرکاری کالجوں میں ایم بی بی ایس کا خرچ پانچ سے دس لاکھ ہے جب کہ پرائیوٹ کالجوں میں یہ خرچ اس سے دس گنا زیادہ ہے۔
    داخلہ امتحان میں ادھر کافی سالوں سےمعروضی سوالات (Multiple Choice Question -MCQ)آتے ہیں۔ حالاں کہ بہت سارے ماہرین اس طرز امتحان کو صحیح نہیں مانتے۔ ان کے مطابق اس سے کسی طالب علم کی لیاقت کا صحیح اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔اس کے علاوہ اس سے طلبہ کے اندر سے تخلیقی صلاحیت بھی ختم ہوجاتی ہے۔ اس کادوسرا پہلو یہ بھی ہے کہ پوری تیاری کے دوران طالب علم اور استاذ کا پورا زور اس طرح کے سوالات کے حل کرنے پر ہوتا ہے۔ میڈیکل کی تعلیم کے لئے ضروری معلومات اکثر اس میں کھو جاتی ہے۔گرچہ اس امتحان میں بارہویں کے نصاب سے سوالات تیار کیے جاتے ہیں لیکن پورے ملک میں بارہویں جماعت کی پڑھائی اور امتحان معروضی سوالات کے طرز پر نہیں ہوتے۔ لہذا پورے ملک میں میڈیکل میں داخلے کے تیار ی کے لئے لاکھوں کی تعداد میں کوچنگ سینٹر کھل گئے ہیں جہاں بڑی بڑی کمپنیاں لاکھوں کی فیس لے کر ان کو امتحانات کے لیے تیار کرتی ہیں۔ کوچنگ سینٹر امتحان کی تیاری کی فیکٹریوں میں تبدیل ہوگئے ہیں۔ والدین، اساتذہ اور دوست احباب کی طرف سے اکثر توقعات زیادہ ہوتی ہیں اور اگر طالب علم ان توقعات پر پورا نہیں اترتا تو ڈپریشن کا شکار ہونے لگتا ہے۔ اس کو لگتا ہے کہ اتنی محنت اور پیسہ لگاکر بھی میں میڈیکل میں داخلہ نہیں مل پائے گا۔ اس کا انجام بہت ساری خودکشیوں کی شکل میں بھی سامنے آتا ہے۔ گرچہ مختلف ریاستی حکومتوں اور کچھ مہینہ قبل مرکزی حکومت نے بھی اس طرح کی حرکتوں کے خلاف ایک قانون بنایا ہے جس میں پکڑے جانے پر جرمانہ اور جیل کی سزا ہے لیکن ابھی تک اس طرح کے جرائم پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔
    مختلف ریاستوں میں جن امتحانات کو پیپر لیک کی وجہ سے منسوخ اور کالعدم قرار دیا گیا ہے ان میں ایک بڑی تعداد ملازمت کے امتحانات کی ہے۔ ملک کے لاکھوں تعلیم یافتہ نوجوان بڑی بڑی مشکل سے ملازمت کے لئے منعقد ہونے والے امتحانات کی تیاری کرتے ہیں۔ سرکاری ملازمت ان کا خواب ہوتی ہے تاکہ وہ اپنے اور اپنے اہل خانہ کے مسائل حل کرسکیں۔ بعض دفعہ والدین اور گھر کے لوگ کھیت بیچ کر یا زیور گروی رکھ ان امتحانات کی تیاری کے خرچ کا انتظام کرتے ہیں۔ ایسے میں اگر پیپر لیک کی وجہ سے یہ امتحانات منسوخ ہوجائیں یا چھ مہینہ یا سال بھرکے لیے ملتوی ہوجائیں تو پھر ان کا کیا ہوگا؟ ریاستی سطح کےامتحانات میں حالات اورخراب ہوتے ہیں۔ مختلف مقامی سرکاری ملازمتوں کے امتحانات کے سوالیہ پرچے اکثر لیک ہوجاتے ہیں جب کہ ملازمتوں کے لیے سخت مقابلے ہوتے ہیں اس پر مستزاد یہ کہ وہاں اکثر ملازمتیں غیر محفوظ اور کم تنخواہ والی ہوتی ہیں۔
    فروری میں انڈین ایکسپریس اخبار نے مختلف پارٹیوں کی حکومتوں والی 15 ریاستوں میں پچھلے پانچ سالوں میں ملازمت کے امتحانات میں پیپر لیک ہونے کے حیران کن 41 معاملوں کی تفتیش کی تھی۔تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کی صرف پیپر لیکس سے کل ایک کروڑ 40 لاکھ لوگ متاثر ہوئے جب کہ جن ملازمتوں کے لیے وہ کوشاں تھے ان کی تعداد محض ایک لاکھ تھی
    دوسرا ایک بڑا مسئلہ یہ ہے کہ گذشتہ چند سالوں میں مرکزی حکومت نے دوسری معاملات کی طرح اس طرح کے امتحانات کو بھی مرکزی کے تحت لانے کی کوشش کی ہے۔ حالاں کہ تعلیم اور صحت دونوں کا تعلق ریاستی حکومتوں سے ہے۔ لیکن نیٹ کا امتحان کل ہندسطح پر مرکزی ایجنسی کے ذریعہ کرایا جارہا ہے۔ تمل ناڈو جیسی کئی ریاستوں نے اس کو ختم کرنے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہیں ہوسکی۔ سوال یہ ہے کہ جب یہ دونوں معاملات ریاستی حکومت کے تحت آتے ہیں تو پورے ملک میں ایک ایجنسی ایک ہی وقت میں امتحان کیوں منعقد کررہی ہے۔ اس سے امتحانات کے نظم ونسق میں بھی مسائل آتے ہیں۔ مثلا اگر آسام میں کہیں پرچہ لیک ہوتا ہے تو اس کا اثر پورے ملک پر پڑے گا اور کیرلہ اور گجرات کے بھی امتحانات کو منسوخ کرنا پڑے گا۔ حد تو یہ ہے کہ مرکزی حکومت نے دوسرے بہت سارے امتحانات این ٹی اے نامی اس نئی نویلی ایجنسی کو دئے ہیں جس کے پاس نہ تو ڈھنگ کا انفراسٹرکچر ہے اور نہ ہی تجربہ۔ ایک دوسری مثال مرکزی یونیورسٹیوں میں گریجویشن، پوسٹ گریجویشن اور پی ایچ ڈی میں داخلے کی بھی ہے، جہاں سی یو ای ٹی کے تحت داخلہ امتحان لیے جارہے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ مرکز کی ایک ایجنسی یہ کیوں طے کرے گی ملک کے کسی کونے میں واقع مرکزی یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کون کرے گا۔ کیا اس یونیورسٹی میں ایسے قابل پروفیسر نہیں ہیں۔ کیااس سے یونیورسٹی کی آزادی پر حرف نہیں آتا؟
    واقعہ یہ ہے کہ ملک میں تعلیم کے حوالے سے حکمراں طبقہ بالکل سنجیدہ نہیں ہے ۔ بلکہ بعض اوقات ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ طبقہ تعلیم کے نظام کو غیر مؤثر بنانے اور معیار تعلیم کو خراب کرنے میں ہی سنجیدہ ہے۔ آزادی کے 76 سال گذر جانےکے بعد بھی ملک میں گریجوٹ افراد کا تناسب کافی کم ہے ۔ پوسٹ گریجوٹ کا اور بھی کم۔ تعلیم کے بعد ملازمت میں اتنے سارے مسائل سے نئی نسل کا نہ صرف سسٹم پر سے اعتماد ختم ہوگا بلکہ تعلیم کے تئیں اس کی دلچسپی بھی کم ہوجائے گی۔ ظاہر ہے کہ یہ کسی بھی طرح ملک کے مفاد میں نہیں ہوگا۔

    •••

    ابوظفر عادل اعظمی

  • پاکستان الیکشن: جمہوریت کا جنازہ ہےذرا۔ ۔ ۔

    پاکستان الیکشن: جمہوریت کا جنازہ ہےذرا۔ ۔ ۔

    پاکستان میں 8 فروری کے انتخابات کے بعد سیاسی صورت حال بہتر ہونے کے بجائے اور پیچیدہ ہوگئی ہے۔ دھونس، دھاندلی اور بدعنوانی کے متعدد الزامات کے درمیان پاکستانی عوام نے چار ریاستوں ؛ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختون خواہ سمیت قومی اسمبلی کے لیے اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ انتخابات میں واضح طور پر قومی اسمبلی سمیت ملک کی اکثر ریاستوں میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف پارٹی (پی ٹی آئی) کی لہر تھی اور شروع کے نتائج میں زیادہ تر سیٹوں پر پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار ہی آگے چل رہے تھے، لیکن ووٹ شماری جب آخری مرحلے میں داخل ہوئی تھی تو کئی مقامات پر دوسری پارٹیوں کے امیدواروں کی جیت کا اعلان کردیا گیا۔ پی ٹی آئی کا یہ بھی کہنا ہے کہ فارم 45 جس میں ہر پولنگ بوتھ پر ہر امیدوار کو ملنے والے ووٹوں کی تفصیل درج ہوتی ہےکے ریکارڈ سے بہت سارے مقامات پر پی ٹی آئی کے امیدوار جیت رہے ہیں، لیکن جب فارم 47 کا ریکارڈ چیک کیا گیا جو کہ فارم 45 پر درج ووٹوں کو ملا کر بنتا ہے تو کسی دوسرے امیدوار کو فاتح قراردے دیا گیا۔ پی ٹی آئی کے علاوہ اس طرح کے الزامات دوسری پارٹیوں کے لیڈروں کی طرف سے بھی آئے ہیں۔

    اگر پی ٹی آئی کے دعوے صحیح ہیں تو وہ قومی اسمبلی کی کل 336میں سے 180 سیٹوں پر جیت درج کراچکی ہے۔ جب کہ حکومت سازی کے لیے صرف 169سیٹوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں کو صرف93نشستوں پر فاتح قراردیا ہے۔ اسی طرح پنجاب، جو کہ پاکستان کا سب سے بڑاصوبہ ہے اور یہاں اسمبلی کی کل 371سیٹیں ہیں، میں مسلم لیگ نواز کو 138سیٹیں ملیں ہیں جب کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں کو صرف 116سیٹیں ملی ہیں۔ لیکن پی ٹی آئی کا یہاں بھی دعویٰ ہے کہ اس کو 250 سیٹیں ملی ہیں لیکن دھاندلی کی وجہ سے وہ واضح اکثریت سے دور ہے۔ دوسری ریاستوں میں بھی اسی طرح کی الزام تراشیاں جاری ہے جب کہ تادم تحریر پنجاب میں مسلم لیگ نواز اور سندھ میں پاکستان پیپلس پارٹی کی حکومت تشکیل پاچکی ہے۔

    ان الزامات کو بعض سیاسی حلقوں نے یہ کہہ کر مسترد کرنے کی کوشش کی کہ الیکشن میں جو گروپ ہار تا ہے وہ عام طور پر اس طرح کے الزامات عائد کرتا ہے۔ عام حالات میں یہ بات صحیح ہوسکتی ہےلیکن پاکستان کے موجودہ سیاسی منظرنامہ میں یہ بات پوری طرح صحیح معلوم نہیں ہوتی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ کئی مقامات پر فارم 45 موجود ہیں جواس بات کا ثبوت ہے کہ الیکشن کمیشن کے ذریعے فاتح قرار دیے گئے امیدوار صحیح نہیں ہیں۔

    اس کے علاوہ جماعت اسلامی پاکستان کے حافظ نعیم الرحمان کو سندھ اسمبلی کی کراچی سیٹ سے الیکشن کمیشن نے فاتح قراردیا تھا لیکن وہ خود میڈیا کے سامنے آئے اور کہا ان کو 26 ہزار ووٹ ملے ہیں، جب پی ٹی آئی کے امیدوار کو 31ہزار ووٹ ملے ہیں۔ لہذا عوام کے فیصلہ کا احترام کیا جانا چاہیے۔ انھوں نے اپنی جیت کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔

    اسی طرح کچھ مقامات پر بیوروکریٹس نے خود آگے آکر اندر کی ملی بھگت اور سازش کا بھاندا پھوڑا ہے، جس میں راولپنڈی کے کمشنر لیاقت علی چٹھا کا نام سرفہرست ہے۔ انھوں نے ووٹ شماری کے چند دن بعد ہی ایک انٹرویو میں یہ انکشاف کیا تھا کہ کس طرح مختلف ادارے بشمول چیف جسٹس آف پاکستان اس بدعنوانی میں ملوث ہیں۔ ان اداروں نے ان الزامات سے انکار کیا اور چیف جسٹس نے یہ کہہ کر کہ صرف الزامات لگائے گئے ہیں، ثبوت فراہم نہیں کیے گئے، کمشنر راولپنڈی کے الزامات کو سرے سے خارج کردیا۔

    ظاہر ہے کہ الزام تو کوئی بھی لگا سکتا لیکن ایک بڑے افسر کی طرف سے اتنے بڑے عہدے پر بیٹھے شخص کے خلاف اتنےسنگین نوعیت کا الزام لگانا کوئی عام بات نہیں ہےاور اس کو یوں ہی مسترد نہیں کیا جاسکتا۔ اور ایسے میں جب کہ مذکورہ کمشنر خود کوبھی مورد الزام ٹھہرارہا ہو اور اپنے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کررہا ہو۔ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ اس معاملہ کی اعلیٰ سطح پر تفتیش ہوتی جس میں سپریم کورٹ کے جج کے علاوہ کئی سینئر بیورو کریٹس اور سینئر سیاسی لیڈران شامل ہوتے، لیکن اس طرح کی کئی خبریں صرف میڈیا کی زینت بن کر رہ گئیں۔

    حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کی عدلیہ، الیکشن کمیشن سمیت دیگر اداروں کا رول نہ صرف یہ کہ غیر تسلی بخش ہے بلکہ بڑی حد تک تشویش ناک بھی۔ اپریل 2022 میں جب سے عمران خان کی حکومت کو بے دخل کیا گیا ہے تب سے ان کے اوپر200 سے زائد مقدمات قائم کردئے گئے ہیں۔ ان کی پارٹی کے سینکڑوں کارکنا ن اور اعلیٰ عہدیداران کو بھی روزآنہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی طرف سے ہراسانی کا سامنا ہے۔ طرفہ تماشا یہ ہے کہ عدالتوں کا رویہ بھی اس حوالے سے کافی افسوس ناک ہے۔ ان ہراسانیوں کے خلاف عدالتوں نے عام طور پر کوئی ایکشن نہیں لیا ہے۔ دوسرے، جس طرح کے الزامات لگاکر عمران خان اور ان کے دست راست شاہ محمودقریشی کو سزا دلوائی گئی ہے وہ پاکستان کی تاریخ میں ایک شرم ناک باب کے طور پر لکھا جائے گا۔

    کہا جاتا ہے کہ پاکستان میں حکومت چاہے جس بھی پارٹی کی ہو، اصل راج پاکستانی فوج کا ہوتا ہے۔ ایسا لگتا ہےکہ عمران خان کو حکومت سے بے دخل کیے جانے کے بعد فوج نے سارے اداروں کو ان کے خلاف لاکھڑا کردیاہے۔ 3نومبر 2022 کو ان پر قاتلانہ حملہ ہواجس میں وہ زخمی ہوئے اور ان کی پارٹی کےمتعددلوگ ہلاک اورزخمی ہوئے۔ اس کے بعد ان کے خلاف مقدمات کا ایک محاذ کھول دیا گیا۔ پھر 9مئی کا ڈرامہ رچا گیا۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ واقعات منصوبہ بند طور پر اس لیے واقع ہوئے کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے خلاف جبر کو نہ صرف تقویت دی جائے بلکہ اس کے لیے اخلاقی اور قانونی جواز بھی پیدا کیا جاسکے۔

    نچلی عدالتوں کا رویہ تو پہلے سے ہی ان کے خلاف معاندانہ تھا لیکن جب سے جسٹس فائز عیسیٰ چیف جسٹس بنے ہیں تب سے سپریم کورٹ کا رویہ بھی بدل گیا ہے۔ عام پاکستانیوں میں یہ احساس شدید ہورہا ہے کہ عدالت عظمیٰ بھی فوج کی کٹھ پتلی بنی ہوئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے جب پی ٹی آئی کے داخلی انتخابات کا بہانہ بناکر الیکشن سے محض کچھ دن قبل اس سے اس کا انتخابی نشان چھین کر پارٹی کاشیرازہ بکھیر دیا اور بعد میں اس کی توثیق ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ نے بھی کردی۔ حالاں کہ دنیا جانتی ہے کہ داخلی انتخابات کے حوالے سے اکثر پارٹیوں میں جمہوریت کا فقدان ہوتاہے۔ اکثر پارٹیوں پر صرف ایک خاندان کا قبضہ ہے اور داخلی پارٹی انتخابات صرف نام کے لیے ہی ہوتے ہیں۔ لیکن صرف ایک پارٹی کو نشانہ بناکر الیکشن سے کچھ دن پہلےاسے انتخابی نشان سے محروم کردیناایک سوچی سمجھی اسکیم معلوم ہوتی ہے۔ انتخابی نشان چھیننے کا نتیجہ یہ ہوا کہ پارٹی عملی طو ر پر بکھر گئی اور اس کے سارے لیڈروں کو آزاد امیدوار کے طور پر الگ الگ انتخابی نشان پرالیکشن لڑنا پڑا۔ ایسے حالات میں جب الیکشن میں صرف چند دن باقی رہ گئے ہوں، پارٹی کے لیڈران پر طرح طرح کی بندشیں ہوں، سوشل میڈیا اور فون پر قد غن ہو، پی ٹی آئی سے وابستہ لیڈران کے جلسے جلوس پر طرح طرح کی رکاوٹیں اور پولیس ایکشن ہو، ایسے میں پورے ملک کے کروڑوں ووٹروں کو ان کے حلقہ میں یہ بتا نا کہ انھیں کس انتخابی نشا ن پر ووٹ دینا ہے، اپنے آپ میں ایک مشکل ترین کام تھا۔ لیکن چوں کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کی لہر تھی لہذا جہاں لیڈران عوام تک پہنچ کر اپنا پیغام پہنچا رہے تھے وہیں عوام نے خوڈھونڈ ڈھونڈ کر اپنے پسندیدہ امیدواروں کو ووٹ دیا اور ان کوجتانے کی کوشش کی۔

    8 فروری کی رات سے جب نتائج سامنے آنا شروع ہوئے تو پاکستان کی اشرافیہ اور فوج کے تصور کےبر خلاف پی ٹی آئی واضح اکثریت سے جیت رہی تھی، لیکن انھیں عوام کا مینڈیٹ راس نہیں آیا۔ الیکشن ختم ہوجانے کے بعد بھی نام نہاد سیکورٹی کے نام پر فون اور انٹرنیٹ بند رکھا گیا اور پھر دھاندلی کے نت نئے ہتھکندے آزمائے گئے۔

    آئین پاکستان کے مطابق قومی اسمبلی میں 60 سیٹیں خواتین کے لیے اور 10 سیٹیں مذہبی اقلیتوں کے لیے مخصوص ہوتی ہیں۔ یہ سیٹیں الیکشن کے بعد سیاسی پارٹیوں میں ان کے ذریعے جیتی گئی سیٹوں کے تناسب سے تقسیم کردی جاتی ہیں۔ چوں کہ پی ٹی آئی کے لیڈران نے آزاد طور پر الیکشن لڑا اور جیتا ہے اس لیے ان کو نتیجہ آنے کے تین دن کے اندر کسی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنا ضروری تھا۔ پی ٹی آئی کے اکثر جیتے ہوئے لیڈروں نے قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کرلی لیکن اس کے بعد بھی ان کو مذکورہ ریزور سیٹیں نہیں دی گئیں۔ الیکشن کمیشن نے اس کے لیے یہ جواز دیا کہ سنی اتحاد کونسل نے الیکشن سے قبل مخصوص سیٹیوں کی کوئی ترجیحی فہرست فراہم نہیں کی تھی اور اس نے اس سیٹوں پر اپنا دعویٰ نتائج آنے کے بعد کیا ہے۔ گرچہ مسلم لیگ نواز کو کسی بھی طرح واضح اکثریت حاصل نہیں ہے اور سارے ہتھکندوں کے باوجود بھی پی ٹی آئی سب سے بڑی پارٹی ہے لیکن دھونس اور دھاندلی کے درمیان شہباز شریف دوبارہ وزیر اعظم بن گئے اور آصف علی زرداری صدر پاکستان بن گئے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحب زادی مریم نواز کو وزیر اعلی پنجاب بنادیا گیا۔ حا لاں کہ پنجاب اور قومی اسمبلی دونوں جگہ ووٹ شماری میں دھاندلی کی شکایات الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہیں۔ امریکی کانگریس کے 30 اراکین نے باقاعدہ خط لکھ کر امریکی صدر جو بائیڈن سے نئی حکومت تسلیم نہ کرنے اور ووٹ شماری میں دھاندلی کی تفتیش کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ظاہر ہے اس طرح بننے والی حکومت کسی بھی طرح عوامی جذبات کی ترجمان نہیں ہوگی۔ اس سے معاشی اور سیکورٹی صورت حال بہتر ہونے کے بجائے اور بدتر ہوجائےگی۔ لیکن ایسا لگتا ہے کہ پاکستان کی اشرافیہ اور اسٹبلشمنٹ اس سے کوئی سبق سیکھنے کے لیے تیار نہیں ہے۔