Category: خصوصی تجزیہ

  • بابری مسجد: جہاں انصاف کو دفن کر دیا گیا

    بابری مسجد: جہاں انصاف کو دفن کر دیا گیا

    چھ دسمبر1992کی رات، بی بی سی نے اپنی نشریات روک کر اعلان کیاکہ اتر پردیش کے شہر فیض آباد سے سنڈے آبزرور کے نمائندے قربان علی لائن پر ہیں اور وہ ابھی ابھی ایودھیا سے وہاں یہان پہنچے ہیں۔ اگلی پاٹ دار آواز قربان علی کی تھی۔ جس میں انہوں نے دنیا کو بتایا کہ مغل فرمانروا ظہیر الدین بابر کی ایما پر تعمیر کی گئی بابری مسجد اب نہیں رہی۔ جس وقت و ہ ایودھیا سے روانہ ہوئے، وہ ملبہ کے ایک ڈھیر میں تبدیل ہوچکی تھی۔

    اس دن 12 بجے کے بعد سے کسی بھی میڈیا ادارے کا ایودھیا میں موجود اپنے رپورٹروں سے رابطہ نہیں ہو پا رہا تھا۔ حکومت دعویٰ کر رہی تھی کہ ایک ہجوم نے مسجد پر حملہ کرکے اس کو معمولی نقصان پہنچایا اور سیکورٹی دستوں نے ان کو کافی پیچھے دھکیل دیا ہے۔ ہندو قوم پرست تنظیموں بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)اور وشو ہندو پریشد(وی ایچ پی)نے جب رام مندر تحریک شروع کی تو میں بھی تقریباً اسی وقت دہلی میں صحافت کی تعلیم مکمل کر رہا تھا۔

    ایل کے اڈوانی کی رتھ یاترا جب چاندنی چوک سے گزر رہی تھی، تو  میں سڑک کے کنارے ہوا میں تلواریں اوربھالے لہراتے ہجوم کو جئے شری رام، مندو وہی بنائیں گے اور بابر کی اولادوں کے نام ان کی دشنام طرازی کے نعرے بلند کرتے ہوئے دیکھ رہا تھا۔

    گو کہ آنجہانی  پرمود مہاجن اس یاترا کے چیف آرگنائزر تھے، مگر دہلی میں بی جے پی کے دفتر میں موجودہ وزیر اعظم نریندر مودی اس کے متعلق پروگرام وغیرہ کی بریفنگ دیتے تھے۔   نومبر 2019 میں سپریم کورٹ کے عجیب و غریب فیصلہ کے بعد تو مسجد ایک قصہ پارینہ بن ہی گئی تھی،  اس کو مسمار کرنے والوں کو بھی لکھنؤ کی خصوصی عدالت نے بری کرکے انصاف کو دفن کر نے کا مزید سامان مہیا کروادیا۔

    گزشتہ 32سالوں سے جس طرح اس مقدمہ کی ٹرائل ہو رہی تھی، اس سے کچھ زیادہ امید یں تو نہیں تھیں، مگر سپریم کورٹ نے جب مسجد کی زمین  ہندو بھگوان رام للا کے سپرد کی، تو مسلم فریق کے تین اہم دلائل کو بھی تسلیم کرکے فیصلہ میں شامل کردیا۔ عدالت اعظمیٰ نے یہ تسلیم کیا کہ 1949 کو رات کے اندھیرے میں مسجد کے محراب میں بھگوان رام کی مورتی رکھنا اور پھر دسمبر 1992کو مسجد کی مسماری مجرمانہ فعل تھے۔

    اس کے علاوہ عدالت نے آثار قدیمہ کی تحقیق کا بھی حوالہ دےکر صاف کردیا کہ 1528 میں جس وقت مسجد کی تعمیر شروع ہوئی، اس وقت کی کسی عبادت گاہ کے آثار نہیں ملے۔ ہاں، کھدائی کے دوران، جو اشیاء پائے گئے، ان سے یہ نتیجہ اخذ کیا جاسکتا ہے کہ اس جگہ پر 11ویں صدی میں کوئی عمارت موجودہ تھی، جو تباہ ہوچکی تھی۔ یعنی 500سالوں تک اس جگہ پر کوئی عمارت موجود نہیں تھی۔

    ان دلائل سے ایک موہوم سی امید جاگ اٹھی تھی، کہ چاہے مسجد کی زمین پر ا یک پرشکوہ مندر کی تعمیر شروع ہو چکی ہے، مگر اس عبادت گاہ کو مسمار کرنے والوں کو قرا ر واقعی سزا دےکر ایک مثال قائم کی جائےگی۔ مگر 2000صفحات سے بھی زائد کےاپنے فیصلہ میں خصوصی عدالت کے جج سریندر کمار یادو نے سپریم کورٹ کی ہدایت اور تمام ثبوتوں کو درکنا ر کرتے ہوئے تمام 32 ملزمان کو بری کر دیا۔ جس طرح اس کیس کی ٹرائل ہو رہی تھی، اس کا میں خود گواہ ہوں۔

    استغاثہ نے جن 351گواہوں کی فہرست کورٹ میں دی تھی، اس میں سے تین شخص میر ے قریبی رفیق تھے، ان سے متواتر معلومات ملتی رہتی تھیں۔ نریندر مودی کی آمد تو 2014 میں ہوئی، اس سے قبل سیکولر سیاسی پارٹیوں، سماج وادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی، جن کی سانسیں ہی مسلمانوں کے دم سے ٹکی ہوئی تھیں، بابری مسجد کی مسماری کے ملزمان کے خلاف کارروائی کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی۔

    حتیٰ کہ ایک معمولی نوٹیفکیشن تک کا اجرا نہیں کرسکیں جس سے خصوصی عدالت میں ان افراد کے خلاف مقدمہ چلایا جا سکتا۔اور جب نوٹیفیکشن جاری کی تو اس میں تکنیکی خامیاں تھیں، جن کو خدا خداکرکے 2010میں الہ آباد ہائی کورٹ کہنے پر دور کیا گیا اور سبھی مقدمو ں کو یکجا کرکے لکھنؤکی خصوصی عدالت میں سماعت شروع ہوئی۔

    معروف فوٹو جرنلسٹ پروین جین نے نہ صرف 6دسمبر کے دن بابری مسجد کی مسماری کی تصاویر لیں تھیں، بلکہ اس سے کئی روز قبل ایودھیا کے نواح میں کارسیوکوں کے گروپ میں شام ہوکر ریہر سہل میں حصہ لےکر اس کی تصویریں بھی کیمرہ میں محفوظ کر دی تھیں۔ ان کے اخبار دی پائینیر نے مسجد کے مسمار ہونے کے بعد ان کو شائع کیا تھا۔استغاثہ نے ان کو بطور گواہ بنایا تھا۔ اس دوران ان کو کس طرح ہراساں  کیا جاتا تھااور کورٹ میں حاضری کے دن ان کو وکیلوں و عدالتی اسٹاف کے معاندانہ رویہ کا کس طرح سامنا کرنا پڑتا تھا، یہ خود ایک درد بھری داستان ہے۔

    سمن آنے پر مقررہ تاریخ سے ایک روز قبل وہ دہلی سے بذریعہ ٹرین  لکھنؤ کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ دن بھر عدالت کے باہر اردلی کی آوا ز کا انتظار کرنے کے بعد بتایا جاتا تھاکہ آج گواہی نہیں ہوگی، کیونکہ یا تو جج موجود نہیں ہے، یا استغاثہ یا وکیل دفاع موجود نہیں ہے۔ جین کے بقول کئی سالوں تک اس طرح کی گردشوں کے بعد جب ایک دن ان کو گواہوں کے کٹہرے میں کھڑا کر دیا گیا، اوران کا بیان ریکارڈ ہونے ہی والا تھا، کہ ایک معمر وکیل نے کٹہرے کے پاس آکر اپنا منہ ان کے کان کے پاس لاکر ماں، بہن کی گالی دےکر دھمکی بھی دے ڈالی۔ جین نے بلند آواز میں جج کو متوجہ کرتے ہوئے شکایت کی کہ ان کو بھری عدالت میں دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

    جج نے حکم دیا کہ ان کو ایک سفید کاغذ دیا جائے تاکہ یہ اپنی شکایت تحریری طور پر دیں۔ شکایت جج کے پاس پہنچتے ہی وکیل دفاع نے دلیل دی کہ اب پہلے اس کیس کا نپٹارہ ہونا چاہیے کہ گواہ کو کس نے گالی اور دھمکی دے دی۔ اس دوران کورٹ میں ہنگامہ مچ گیا اور گواہی اگلی تاریخ تک ٹل گئی اور بتایا گیا کہ وہ اپنا وکیل مقرر کریں، کیونکہ اب پہلے ان کو عدالت میں دھمکانے کا کیس طے ہوگا۔ تنگ آکر جین نے یہ کیس واپس لیا اور اصل کیس یعنی بابری مسجد کی مسماری سے متعلق اپنا بیان درج کروانے کی درخواست کی۔

    اس طرح دوبارہ کئی تاریخوں کے بعد جب گواہی درج ہوگئی تو ان کو بتایا گیاکہ بس تصویریں کافی نہیں ہیں، 6دسمبر کے دن ایودھیا میں اپنی موجودگی ثابت کریں۔ خیر کسی طرح کئی ماہ کی تگ ودو کے بعد انہوں نے ایودھیا کے ضلعی صدر مقام فیض آباد کے ایک ہوٹل سے پرانا ریکارڈ نکالا اور اپنے پرانے ادارے پائینیر کا ایک سرٹیفیکٹ بھی حاصل کیا۔ مگر اب کورٹ میں ان کو بتایا گیا کہ یہ کاغذات بھی ناکافی ہیں۔ آخرکئی دہائی قبل کا ٹرین ٹکٹ ان کو مل گیا اور اب کئی سالوں کے بعد یہ طے ہو گیا کہ وہ اس دن ایودھیا میں تھے۔

    مگر اب ان کو بتایا گیا کہ ان کی تصویریں قابل اعتبار نہیں ہیں، اس لیے ا ن کے نگیٹو پرنٹ کورٹ میں پیش کرنے ہوں گے۔ اس دوران دہلی میں ان کی عدم موجودگی میں ان کے فلیٹ پر چوروں نے دھاوا بھول دیا اور پورے گھر کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔ گھر کی جو حالت تھی اس سے معلوم ہوتا تھا کہ درانداز کسی چیز کو تلاش کر رہے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ نقدی، زیورات اور دیگر قیمتی سامان غائب تھا، مگر تصویروں کے نگیٹو بچ گئے تھے، کیونکہ وہ انہوں نے کسی دوسری جگہ حفاظت سے رکھے ہوئے تھے۔

    کورٹ میں مسجد کی شہادت کی تیاری اور باضابطہ ریہر سہل کرنے کی تصویریں پیش کی گئیں۔ معلوم ہوا کہ دو سول انجینئر اور ایک آرکیٹیکٹ مسجد کی عمارت گرانے کے لیے کارسیوکوں کو باضابطہ ٹریننگ دے رہے تھے۔ ان سب کے چہرے تصویروں میں واضح تھے۔

    اسی طرح میرے کشمیری پنڈت دوست سنجے کاوؤ بھی ایک گواہ تھے۔ انہوں نے مسجد کی شہادت سے قبل باضابطہ ایک اسٹنگ آپریشن کے ذریعے انکشاف کیا تھا کہ 6دسمبر کو بابری مسجد کو مسمار کر دیا جائے گا۔ ان دنوں خفیہ کیمرہ سے اسٹنگ کا رواج نہیں تھا۔ کاؤ کے مطابق  اخبار اسٹیٹس مین کے دفتر سے رات گئے جب وہ آفس کی گاڑی میں گھر جا رہے تھے، تو ڈرائیور نے ان کو بتایا کہ ایودھیا میں اس بار کچھ بڑا ہونے جا رہا ہے۔

    ایڈیٹر نے اگلے دن ان کو ایودھیا جانے کی اجازت دے دی۔ مگر کاؤ نے صحافی کے بجائے ایک کارسیوک کے طور پر جانے کی ٹھانی اور دہلی میں بی جے پی کے دفترمیں سنجے کول کے نام سے اندراج کرواکے کار سیوک کا کارڈ حاصل کیا۔ ہندو اور کشمیری پنڈت ہونے کے باوجود نہ صرف ٹرین میں بلکہ فیض آباد میں اس کا کئی بار انٹروگیشن کیا گیا۔

    شاید میں نیا چہرہ تھا، و ہ بار بار شک کی نگاہ سے مجھے دیکھتے تھے۔ میں نے اپنے آپ کو ایک انجینئرنگ اسٹوڈنٹ بتایا، جس کو کشمیر میں حالات کی خرابی کی وجہ سے تعلیم ادھوری چھوڑنی پڑی ہے۔

    ایودھیا پہنچنے پر ایک بار پھر چھ سات افراد نے تفتیش کی۔ کشمیری پنڈت ہونے کی دہائی دےکر آخر کار اس کو کارسیوکوں کے ایک گروپ میں شامل کرکے خیمہ میں رہنے کے لیے کہا گیا۔

    واکی ٹاکی ہاتھ میں لیے ایک سادھو اس گروپ کا سربراہ تھا، جس نے اگلے دن ایک قبرستان میں لے جاکر ان کو قبریں منہدم کرنے کا حکم دے دیا۔ وہ بار بار ان کو تاکید کر رہا تھا کہ ہاتھ چلانا سیکھو۔ کارسیوک آپس میں گفتگو کر رہے تھے کہ اسی طرح مسجد کو بھی توڑنا ہے۔ سادھو نے اس کو خبردار کیا تھا کہ صحافی یا خفیہ محکمہ کا کوئی فرد ان کے آس پاس نہ پھٹکنے پائے۔ بار بار کے انٹروگیشن، ریہر سہل  اور صحافیوں کے تئیں کارسیوکوں کے رویہ نے کاؤ کو کافی ڈرا دیا۔

    رات کے اندھیرے میں وہ خیمہ سے بھاگ کر پہلے فیض آباد اور پھر دہلی روانہ ہوگیا، جہاں اس نے اسٹیٹس مین میں کئی قسطوں میں چھپی رپورٹوں میں بتایا کہ مسجدکی مسماری کی تیاریاں پوری طرح مکمل ہیں۔

    دنیا کو مسجد کی شہادت کی خبر دینے والے صحافی قربان علی کے مطابق شام چھ بجے تک تاریخی شاہی مسجد کو ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا گیا تھا۔ وہ بی بی سی کے جنوبی ایشیاکے بیورو چیف مارک ٹلی کے ساتھ کئی روز سے ایودھیا میں مقیم تھے۔ ان کا کہنا ہے گو کہ افواہوں کا بازار گرم تھا، مگر مسجد کی مسماری کا اندازہ نہیں تھا۔ ہندوستانی وقت کے مطابق 11:30بجے صبح کارسیوکوں نے مسجد پر دھاوا بول دیا۔ اس کے ساتھ ایک اور گروپ صحافیوں کو ڈھونڈکر ان کو پیٹ پیٹ کر کمروں میں بند کر رہا تھا۔

    مارک ٹلی اور علی ان کو جل دیکر کسی طرح ایودھیا سے نکل کر فیض آباد پہنچے، اور وہاں کے ٹیلی گراف آفس سے دہلی خبر بھیجی۔ اس وقت فیض آباد میں مقیم سینٹرل ریزور پولیس فورس کے دستوں نے ایودھیا کی طرف مارچ کرنا شروع کر دیا تھا۔ یہی آخری خبر تھی، جو دہلی تک پہنچ سکی تھی۔ واپسی پر ان دونوں صحافیوں نے دیکھا کہ سینٹرل فورس کو ایودھیا کے باہر ہی روک لیا گیا ہے۔ خیر وہ دوسرے راستے سے  ایودھیا شہر میں داخل ہوئے اور ایک ہجوم نے مارک ٹلی کو پہچان کر ان دونوں کو ایک بوسیدہ مندر کے کمرے میں بند کردیا۔وہ پہلے ہمارے قتل کے لیے آپس میں مشورہ کررہے تھے۔ پھر ان کے سربراہ نے ان کو بتایا کہ پہلے مسجد کا قضیہ نپٹے، یعنی پوری طرح مسمار ہو، پھر ان کی تقدیر کا فیصلہ کریں گے۔شام کو کسی دوسرے گروپ نے تالا کھولا اور ان کو وی ایچ پی کے سربراہ اشوک سنگھل کے دربار میں حاضر کروایا، جو قربان علی اور مارک ٹلی سے واقف تھے۔ انہوں نے ان کو رہا کرادیا۔ مگر شہر سے جانا ابھی بھی جوئے شیر لانے سے کم نہ تھا۔ علی کا کہنا ہے کہ ایودھیا سے فیض آباد کی محض دس کیلومیٹر کی دوری اس دن کئی سو کیلومیٹر کا ٖفاصلہ لگ رہا تھا اور جب وہ فیض آباد کے ہوٹل میں داخل ہو رہے تھے تو اس وقت بی بی سی اردو کی رات کی نشریات جاری تھیں، جس نے ان سے فون پر بات کرکے دنیا تک خبر پہنچائی۔

    معروف قانون داں اور مصنف اے جی نورانی نے اس موضوع پر اپنی  کتاب National Dishonour  : Destruction of Babri Masjid              ‏   کی تیسری جلد میں بابری مسجد کی ڈھانے کی سازش پر خوب بحث کی ہے۔ ان کے بقول مسجد کی شہادت میں ہندوستانی عدلیہ اور انتظامیہ نے بھر پور کردار ادا کرکے اپنی فرقہ وارانہ ذہنیت کی پول کھول دی ہے۔نہ صرف نچلی عدالتوں کے لیت و لعل سے بلکہ اس وقت کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس وینکٹ چلیا کے طریقہ کار نے بھی مسجد کی مسماری کی راہ ہموار کردی۔

    نورانی نے انکشاف کیا  کہ جسٹس چلیا مسجد کو بچانے اور آئین اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے بجائے کار سیوکوں کی صحت سے متعلق فکر مند تھے۔غالباً یہی وجہ تھی کہ 1998 میں بی جے پی کی قیادت والی مخلوط حکومت کے قیام کے بعد ان کو شاید انہی خدمات کے بدلے ایک اعلیٰ اختیاری کمیشن کا سربراہ مقرر کیا گیا۔ سابق سکریٹری داخلہ مادھو گوڈبولے کے مطابق ان کو بھی مسجدکی شہادت کی تیاری کی اطلاع تھی، اسی لیے ان کے محکمہ نے ریاست اتر پردیش میں گورنر راج نافذ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔مگر وزیراعظم نرسمہا راؤ  نے اس کو نامنظور کر دیا۔

    نورانی کا کہنا ہے کہ راؤ خود،  مسجد کی شہادت میں بلا واسطہ ملوث تھے۔ ان کے مطابق کانگریس کے اندرا گاندھی کے دور اقتدارمیں ہی بابری مسجد کی جگہ پر رام مندر کی تعمیر کی راہ ہموار کرنے کے لئے وشو ہندو پریشد کے ساتھ ایک ڈیل ہوئی تھی۔گوکہ پریشد نے اندرا گاندھی کی ہلاکت کے بعد اپنی تحریک روک دی مگر راجیو گاندھی نے اس ڈیل کو پھر زندہ کیاتاہم، اس سے پہلے وہ مسلمانوں پر کوئی احسان کرنا چاہتے تھے۔اس کے لیے ان کے حواریوں نے ایک مسلم مطلقہ خاتون شاہ بانو کا قضیہ کھڑا کیا اور پارلیامنٹ سے ایک قانون پاس کروایا کہ مسلم پرسنل لا میں عدالت کوئی ترمیم نہیں کر سکتی۔

    مصنف کے بقول انہوں نے راجیو گاندھی کو مشورہ دیا تھا کہ اس قضیہ کو کھینچنے کا کو ئی فائدہ نہیں ہے، اور اس کو اینگلو محمڈن قانون کے بجائے شرعی قانون کے مطابق حل کیا جاسکتا ہے،مگر وہ مسلمانوں کو سیاسی بیوقوف بنانے پر تلے ہوئے تھے تاکہ پریشد کے ساتھ ڈیل کو آگے بڑھایا جاسکے۔ اور یہی ہوا۔بابری مسجد کو مسمار کرنے، اس کے قصور واروں کو سزا سے بچانے میں ہندو قوم پرستوں سمیت سیکولر جماعتیں کے دامن بھی خون سے آلودہ ہیں۔ اس حمام میں سب ننگے تھے۔ بابری مسجد نے شہادت کے بعد ان سبھی چہروں سے نقاب اتار کر پھینک دیے ہیں اور اگر ابھی بھی کسی کو یہ چہرے اصل روپ میں نظر نہ آتے ہوں، تو یقیناً ان کی دماغی حالت پر شبہ کے علاوہ اور کیا کیا جاسکتا ہے۔

  • مسلمان اور ہندوستانی سیاست کا منظر  اور پس منظر

    مسلمان اور ہندوستانی سیاست کا منظر  اور پس منظر

    لوک سبھا 2024کے الیکشن کے نتائج بعد لگ رہاتھا کہ گزشتہ دس سال سے جاری سیاسی اتھل پتھل، بیانیوں کی لڑائی اور ہندومسلم کشمکش کو بریک لگے گا لیکن سمودھان بچاؤ کے بیانیہ سے زخم خوردہ قوتیں مایوس ہوکر بیٹھنے کی بجائے اس کا تریاق ڈھونڈنے میں لگ گئی ہیں، جب کہ  اپوزیشن اتحاد جزوی فتح کو مکمل سمجھ کر پاؤں پھیلاکر سوگیا ہے۔

    ریاست کو 24/7 میں تبدیل کرنے والے بازی پلٹنے میں ماہر ہیں ۔ان کی صفوں سے ‘کٹیں گے تو بٹیں گے’ کا نعرہ اچھلا جو دوسری فیکٹری کے پروڈکٹ میں زیادہ کلچرڈ ہوکر ‘ایک ہیں تو سیف ہیں’کی شکل میں سلوگن بن گیا ،اس نے ہریانہ اور مہاراشٹر میں فتوحات دلا دیں۔ یہ سیاسی بیانیہ تھا مگر اس سے دوررس مقاصد حاصل نہیں ہوسکتے تھے،  ذات پات میں بٹے سماج کے لئے اور بھی تیز دوا کی ضرورت تھی۔ اسے تہذیبی و ثقافتی جارحیت سے صیقل کرنا تھا اس کے لئے آزمودہ نسخہ تاریخ کے جھولے سے نکالا گیا۔مسلمانوں کے مذہبی آثار و عبادت گاہوں میں مندر تلاش کرنے اوران پر قبضہ کرنے کی مہم، جس کا آغاز 1980سے ہوا تھا۔ اب یہ آگ پورے ملک میں پھیل گئی ہے۔سنگھ کے سر سنچالک کی واضح ہدایات کے باوجود کئی سوسالہ مساجد، مزارات، خانقاہوں پر دعوے کئے جانے لگے۔ یہ مہم جو بابری مسجد سے شروع ہوئی تھی متھرا،کاشی سے ہوکر سنبھل،بدایوں، جونپور اجمیر، دارالعلوم دیوبند کے راستے دہلی کی جامع مسجد تک پہنچ گئی ہے۔ اور کہاں کہاں لال نشان لگیں گے کہا نہیں جاسکتا۔ فہرست میں تین نہیں تین ہزار مسجدیں ہیں۔

    عام لوگوں کے ذہنوں میں کتنا زہر اتاراجارہا ہے اسے سیاسی لیڈروں کے بیانات سے با آسانی سمجھا جاسکتا ہے۔ اب تو عدالتوں کے جج بھی وہی زبان بول رہے ہیں جو کسی عام سے ہندوتو وادی کے منھ سے نکلتے ہیں۔ شمالی ہندوستان کے اکثریتی فرقہ کے لوگوں کو "کھودو ابھیان” پر لگادیا ہے۔ نچلی عدالتیں آستھا اور جذبات’ کے آبگینوں کا پورا احترام وخیال رکھ رہی ہیں۔ ہندوستانی سیاست اور عدلیہ نے ایک بھسماسورپیدا کیا ہے جو معاشرے میں مذہبی تقسیم کو گہرا کر رہا ہے۔ نفرت وتشدد کی کھیتی کو زہر کا پانی دیتے وقت تصویر کے اس رخ کو چھپا لیا جاتا ہے کہ "ہندو راجہ ہرش دیو نے دیوتپٹانائک نام کا ایک افسر مقرر کیا تھا، جس کا کام مندروں کی مورتیوں کو اکھاڑنا اور ان کے نیچے دبی دولت کو لوٹنا تھا۔ یہ کلہن کی ‘راجترنگینی’ میں کہا گیا ہے۔ اسی طرح یہ بھی بھلادیا جاتا ہے کہ مراٹھا بادشاہ نے سری رنگا پٹنم میں ایک مندر کو تباہ کیا تھا۔ قرون وسطیٰ میں اس تناظر میں مذہب کی کوئی خاص اہمیت نہیں تھی۔ مذہبی مقامات کی لوٹ مار اور مسماری کے پیچھے کوئی مذہبی وجوہات نہیں تھیں۔ اس کے برعکس موریہ دور کے خاتمے کے بعد بدھ مت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے بدھ خانقاہوں (مٹھوں) کو تباہ کر دیا گیا۔ حال ہی میں اس کی بازگشت پسماندہ طبقے کے ایک لیڈر سوامی پرساد موریہ کے بیان میں سنائی دی جن کا کہنا ہے :

    "اگرگڑھے مردے اکھاڑے جائیں گے تو مسجدوں میں مندر تلاش کرنے والوں کو بہت مہنگا پڑے گا، اس لیے ہر مسجد میں مندروں کی تلاش بند کرو ورنہ لوگ مندروں میں بودھ مٹھوں کی تلاش شروع کر دیں گے۔ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ بدری ناتھ، کیدارناتھ، جگن ناتھ پوری، رامیشورم سبھی بدھ مت کی خانقاہیں( مٹھ ) تھیں، لیکن  یہ سب ہندو مندر میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ اگر ایسا ہوا تو معاملہ یہیں نہیں رکے گا، آگے بھی جائے گا۔موریہ نے پوچھا کہ اشوک سمراٹ نے بدھ مت کے 84 ہزار ستون بنائے تھے، وہ کہاں گئے؟ یعنی ان لوگوں نے انہیں گرا کر مندر بنائے ہیں، اس لیے اگر کسی مسجد میں مندر دریافت ہوا تو مندر میں بدھ مت کے مٹھ بھی دریافت ہوں گے”۔

     

    بات یہیں نہیں رکی ڈاکٹر امبیڈکر کے پڑپوتے ،سنودھان سرکشا آندولن کے سکریٹری اور انڈین بدھسٹ سوسائٹی کے قومی صدر راج رتن امبیڈکر نے جے پور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران وارننگ دی کہ "اگر یہ سلسلہ بند نہیں ہوا تو بدھسٹ سوسائٹی آف انڈیا بھی  پیچھے نہیں رہے گی اور ایسی صورت حال میں بدھسٹ سوسائٹی آف انڈیا ان بودھ وہاروں کی واپسی کا مطالبہ کرے گی جن پر ہندو بناکر  قبضہ کر لیا گیا ہے۔ میں نے اس طرح کی دو عرضیاں پہلے ہی تیار کر رکھی ہیں۔ میری پہلی عرضی تروپتی بالاجی مندر پر ہے اور دوسری سومناتھ مندر پر ہے۔“ کیا بدھسٹ واقعی ایسا کریں گے’۔ اگر ایسا ہوگیا تو یہ ہندوتووادی طاقتوں پر کاری ضرب ہوگی اور ملک کی سیاست کا رخ نوے ڈگری زاویے پر گھوم جائے گا۔

    یہ پیش منظر کا جائزہ تھا اب اس کا اصل پس منظر جاننا بھی ضروری ہے کہ آخر این آرسی کے نفاذ ، نسل کشی کی دھمکیوں کی بھگوا مہم کے دوران اچانک یہ معاملہ کہاں سے آگیا کہ ہر شخص کاندھے پر ایک پھاوڑا،کسی پرانی مسجد کا نقشہ اور شیو لنگ کی تلاش کا سودا سر میں لیے گھوم رہا ہے۔ ہندو راشٹرواد کی پاٹھ شالہ کے نصاب میں اس بیانیہ کی لگاتار گردان کے تار کہاں سے ملتے ہیں؟آخر اس کی جڑ میں کیا ہے اور کیوں ہے ؟خوف و نفرت کے خمیر سے تیار ‘ایک ہیں تو سیف ہیں’ کے لئے مسجدوں پر قبضہ اور اپنی ‘وراثت ‘کو عدلیہ کے زور سے چھین لینے کی سنک بھی کسی خوف کا ہی نتیجہ ہے؟ اور 80فیصد کو 20 فیصد کے فرضی خطروں سے ڈرانے کا کھیل کیا ہے ؟ مسلمان ہی اس کا آسان چارہ کیوں بن رہا ہے ؟ ان سوالوں کا جواب تلاش کرنے کے لیے تہہ میں جانے کی ضرورت ہے۔

    دراصل اس حکمت عملی کے کئی سر ہیں اور اس کی بنیاد جات پر مبنی مردم شماری اور منڈل بنام کمنڈل کی سیاست کا ایکسٹینشن ہے، جس میں مسلمان سینڈوچ بن کر رہ گیا ہے۔ یہ بات یاد  رکھنی چاہیے کہ فسطائی راشٹرواد کو نفرت کی غذا سے پروان چڑھایا جاتا ہے اور اس کے لئے ایک دشمن کا ہونا ضروری ہے۔ جیسے ہٹلر نے یہودیوں کے خلاف فضا بنائی تھی تاکہ انہیں سزا دینے کا جواز  پیدا ہوسکے۔ ہندوتو راشٹرواد اسی راستے پر چل رہا ہے۔ مگر سمودھان اور ذات پر مبنی مردم شماری کے نعروں کے اس حکمت عملی میں سوراخ کردیا گیا اور ہندوایکتا کے نعرہ کی گونج بھی مدھم پڑگئی تھی۔ تصور کیجئے اگر ہندوؤں کے پسماندہ طبقات آبادی کے تناسب سے اپنے حقوق کے لئے اٹھ کھڑے ہوں اور اقتدار میں حصے داری کے دعوے دار بن جائیں تو برہمنیت کے اقتدار اعلیٰ کو سنگین خطرہ لاحق ہو سکتے تھے۔ ماضی میں بھی منڈل تحریک کے نتیجہ میں وہ کمزور ہوگئے تھے۔  مرکز سے لے کر ریاستوں تک اقتدار کی باگ ڈور اوبی سی و دلتوں کے ہاتھ میں آگئی تھی جس کو کانشی رام جیسے لیڈروں نے اور مضبوط کردیا تھا ۔ یوپی تیس سال تک ان سے دور چلاگیا اور بہار میں آج بھی نکیل اسی طبقہ کے ہاتھ میں ہے۔ اس کا آغاز مخلوط حکومتوں کے دور سے ہوا۔ ویسے تو مرکز میں ایمرجنسی کے بعد جنتا پارٹی کی سرکار اس کی پہلی مثال ہے۔  مگر یہ عبوری دور تھا کیوں کہ  کانگریس جلد ہی اکثریت کے ساتھ لوٹ آئی۔ پھر وی پی سنگھ کے زمانہ سے 2013 تک یہی دور رہا ۔گرچہ آج بھی کہنے کو تو مرکز میں  مخلوط حکومت ہے مگر بی جے پی نے اپنے حلیفوں کی ای ڈی ،سی بی آئی وغیرہ کی مدد سے مشکیں کس رکھی ہیں۔ مہاراشٹر میں مراٹھا سیاست کے کس بل نکال دیے ہیں۔ ہریانہ میں جاٹوں کے غلبہ والی سیاست کا جنازہ نکال دیا گیا اور یوپی میں او بی سی کی کمر پر سوار ہوکر وہ اقتدار کی ملائی کھارہی ہے۔ یعنی منڈل سیاست کے نتیجہ میں لالو،آنجہانی ملائم سنگھ یادو، نتیش، مایاوتی وغیرہ پیدا ہوئے جو آج بھی کہیں نہ کہیں ہندوتو راشٹرواد کے لئے رکاوٹ بنے ہوئے ہیں لیکن کسی کو کرپشن تو کسی کو دوسرے معاملات میں انگیج کرکے کمزور کردیا گیا جب کہ نئی مضبوط قیادت پیدا نہیں ہورہی ہے۔ گزشتہ لو ک سبھا الیکشن میں اکھلیش نے پی ڈی اے کا تجربہ کرکے بی جے پی کو دھول چٹا دی  اوراترپردیش کی آدھی سے زیادہ سیٹوں پر قبضہ کرلیا۔ دولڑکوں کی جوڑی ہٹ رہی اور اس نے بی جے پی کو مرکز میں اکثریت حاصل کرنے سے روک دیا۔مودی سرکار کو پہلی بار خود کو این ڈی اے سرکار کہنا پڑا۔اس سے ہندوتووادی طاقتوں کے کان کھڑے ہوگئے۔

    2027 میں سنگھ کی مرکزی لیباریٹری کے ہاتھ سے نکل جانے کا خطرہ منڈلانے لگا ہے۔ ظاہر ہے اگر یوپی مٹھی میں نہ رہے تو پھر 2029 میں مرکز کیسے رہ پائے گا۔ چنانچہ ناراضگی کا ڈھونگ کرنے والی آرایس ایس اور بی جے پی کیرل میں سر جوڑ کر بیٹھے۔ مفاہمت کا مژدہ سنایا ،اوبی سی اور  دلتوں کو اپنے پالے میں لانے کا منصوبہ بنایا گیا اور سب کا ساتھ سب کا وکاس کی چادر اتار پھینکی گئی۔ ،ہمیں یاد ہے کہ 2024 کی انتخابی مہم میں نفرتی بھاشنوں کے ساتھ شریعت کے لاگو ہوجانے، ہندووں کی جائیداد یہاں تک کہ منگل سوتر تک مسلمانوں کے پاس چلے جانے کا خوف، پی ایم کی سطح سے پھیلایا گیا۔ مگر سمودھان بچاؤ اور ریزرویشن چھن جانے کا خوف اس پر حاوی رہا۔ رام مندر بن جانے کا ایشو ہوا میں تحلیل ہوگیا یعنی منڈل بنام کمنڈل کی لڑائی میں منڈل کافی حد تک کام کرگیا مگر اتنا بھی نہیں جس کی کہ توقع کی جارہی تھی۔  اس مہم میں مسلمان نے جی جان لگادی اور منڈل وادی طاقتوں کا ساتھ دیا۔ یہ  پیغام بہت دور تک چلاگیا ،بی جے پی اپنے دم پر ماضی کے دوچناو کی طرح اکثریت حاصل نہیں کرسکی۔اس صورت حال نے ہندوتووادی طاقتوں کو بے چین کردیا اور اتر پردیش کے ضمنی چناؤ سے پہلے بہرائچ اور فوری بعد سنبھل میں جو کچھ ہوا اس پر مزید کچھ کہنے کی ضرورت نہیں۔

    غورکرنے کی بات ہےکہ لوک سبھا الیکشن کے فوری بعد متھرا، کاشی سے آگے بڑھ کر اچانک مسجدوں اور درگاہوں میں شدت کے ساتھ مندر تلاش کئے جانے لگے حتی کہ اجمیر درگاہ پر بھی ہاتھ ڈال دیا گیا۔ عدالتیں فراخ دلی کے ساتھ دھڑا دھڑ سروے کرانے کے احکامات صادر کرنے لگیں اور انتظامیہ سرعت کے ساتھ عدلیہ کے حکم کی بجاآوری میں جٹ گئی ۔محکمہ آثار قدیمہ کی دوربین نگاہوں کو ان میں مندر کے آثار نظر آنے لگے۔کئی سوسالہ ‘غلامی’ کا انتقام نئی نسل سے لینے کی پرتگیا دھرم سنسدوں میں کی جانے لگی ہے۔ مرکزی وزار کھلے عام رام زادوں اور ۔۔؛؛؛ کا موازنہ کرتے نظر آئے۔ دیش کے غداروں کو گولی مارنے کی ترغیب دینے لگے۔ عام مسلمان لنچنگ کے نام پر سڑکوں پر مارا جانے لگا گویا اس کا خون بہانا جائز ہوگیا۔

    عدلیہ کے بدلتے رویے کی ایک مثال عزت مآب جسٹس شیکھر یادو ہیں جن کے بیان نے سپریم کورٹ کو بھی نوٹس لینے پر مجبور کردیا۔ ان باتوں پر  مرکزی و ریاستی سرکاروں کی خاموشی بتاتی ہے اس رجحان کو ان کی حمایت حاصل ہے۔ یہ آنچ جتنی بھڑکے گی منڈل وادی قوتوں کا لڑنا اور مسلمان کے خلاف جاری نفرتی مہم کے خلاف بولنا مشکل ہوجائے گا۔ ایک طرف ووٹ پالیٹکس کی وجہ ان کا بولنا مشکل ہوگیا ہے۔   بدقسمتی سے مسلمان چکی کے دوپاٹوں کے درمیان پس رہا ہے ۔مسلم لیڈرشپ نے منڈل وادیوں کا ساتھ تو دیا مگر ان کی جھولی میں ووٹ ڈلوانے تک، اس کا بھرپور سیاسی فائدے اٹھانے میں وہ ناکام رہی۔ وہیں مسلمانوں کی چوڑیاں کسے جانے کی خوشی میں اکثریت اپنے سارے مسائل اور غم بھول گئی ہے۔ اس وقت گیند سپریم کورٹ کے پالے میں ہے اور اس نے یہ گیند مرکز کے پالے میں ڈال دی کہ پلسز آف ورشپ ایکٹ پر اپنا موقف چار ہفتوں میں بتائے۔ مان لیجیے مرکزنے اس قانون پر اپنے تحفظات پیش کردیے تب کیا ہوگا ۔ ان حقائق پر غور کرنے کی ضرورت ہے ۔سارا کھیل سیاسی ہے ہمیں “کھودو ابھیان“ کا منظر،پس منظر اور پیش منظر ذہن میں رکھنا ہوگا اور اس کے دوررس سیاسی اثرات کو دھیان میں رکھتے ہوئے حکمت عملی بنانی پڑے گی۔ وقف ترمیمی بل اسی ترشولی سیاست کا حصہ ہے۔مسلمانوں کی سخت جانی ،مذہب سے اٹوٹ وابستگی اور شناخت سے سمجھوتہ نہ کرنے کی ضد ہندوتووادیوں کے لئے چیلنج بنی ہوئی ہے۔ یہ مزاحمت کی جنگ ہے اور فیصلہ کن بھی۔

  • ریختہ کی کاوشیں

    ریختہ کی کاوشیں

    کہا جاتا ہے کہ جو لوگ خود کوئی کام نہیں کرتے وہ ایک کام خوب کرتے ہیں۔ یعنی وہ دوسروں کے کاموں پر جی جان سے تنقید کرتے اور ان میں کیڑے نکالنے کی کوشش کرتے ہیں۔ لیکن کام کرنے والے ان تنقیدوں اور عیب جوئیوں کی پروا نہیں کرتے، وہ اپنے مشن میں مصروف رہتے ہیں۔ کچھ ایسی ہی صورت حال غیر مسلم ملکیت والے اردو کے ایک ادارے ’’ریختہ فاؤنڈیشن‘‘ کے ساتھ بھی ہے۔ اس نے گذشتہ سال دسمبر میں دہلی کے میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم میں جشن اردو کا اہتمام کیا تھا،جس میں ٹکٹ کے باوجود لاکھوں افراد نے شرکت کی،جن میں اکثریت نوجوانوں اور غیر اردو داں طبقے کی رہی۔ ادھر گذشتہ کچھ برسوں سے یہ دیکھا جا رہا ہے کہ کچھ لوگ اس کے جشن میں اردو بینروں کی غیر موجودگی کا معاملہ زور شور سے اٹھاتے اور اس حوالے سے ریختہ پر الزامات کی بارش کرتے ہیں۔ یہاں تک کہ کچھ لوگ تو اس میں اردو کے خلاف سازش کا پہلو بھی ڈھونڈ لیتے اور ریختہ کے بانی سنجیو صراف کو اردو دشمن تک بتا دیتے ہیں۔ حالاں کہ ان میں سے کچھ لوگ اس کا بالواسطہ اعتراف بھی کرتے ہیں کہ ریختہ نے ہزاروں اردو کتابوں کو دیو ناگری میں منتقل کرکے اردو شاعری اور ادب کو غیر اردو داں حلقوں تک پہنچا یا ہے۔ لیکن اس کے باوجود ان کے خیال میں اس سے اردو کے بجائے ہندی کا فروغ ہو رہا ہے۔ حالاں کہ ریختہ کی ویب سائٹ پر اردو سکھانے کا پروگرام ’’آموزش‘‘ بھی متوازی طور پر چل رہا ہے، جہاں لاکھوں افراد اردو سیکھ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ اس کی ویب سائٹ پر ایسی بہت ساری چیزیں ہیں جو اردو کے فروغ کا ذریعہ ہیں اور مخالفین سمیت نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا بھر کے اہل اردو ان سے استفادہ کر رہے ہیں۔

    آئیے دیکھتے ہیں کہ ریختہ کی جانب سے کیا کیا پروگرام چلائے جا رہے ہیں اور جو چلائے جا رہے ہیں وہ فروغ اردو کا ذریعہ بن رہے ہیں یا اردو اور بالخصوص اس کے ر سم الحظ کو نقصان پہنچانے کا۔ ریختہ فاونڈیشن کی ویب سائٹ پر موجود تفصیلات کے مطابق اس کا افتتاح جنوری 2013 میں انڈیا ہیبی ٹیٹ سینٹر، نئی دہلی میں ہوا تھا جس میں دہلی کی مؤقر ادبی و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ اجرا کے وقت ریختہ نے تقریباً ساڑھے تین سو شاعروں کی غزلوں اور 11 کتابوں کو قارئین کی خدمت میں پیش کیا تھا۔ مگر اب تقریباً 5ہزار شاعروں کی 50ہزارغزلیں اور10ہزارنظمیں دستیاب ہیں۔اس کے علاوہ دوسری اصناف پر مشتمل شاعری بھی فراہم کی گئی ہے۔ نثری میدان معروف ادیبوں کی تقریباً 3ہزار کہانیوں اور دیگر مصنفین کے مضامین کو بھی جگہ دی گئی ہے۔ ریختہ پر معیار کا خاص خیال رکھا جاتا ہے اور شعری متن اور کتابوں کو شامل کرنے کے لیے انتخاب کے سخت مرحلے سے گزارا جاتا ہے۔ جن کتابوں کی ادبی اہمیت مسلم ہے اور جو اردو ادب کے طلبہ کے لیے مفید اور کارآمد ہوسکتی ہے انھیں ضرور شامل کیا جاتا ہے۔

    اس کا ایک شعبہ ’’ای۔ کتاب‘‘ کا ہے۔اس حصے میں ان کتابوں کو ترجیح دی جاتی ہے جو کاپی رائٹ ضابطوں کے دائرے سے باہر ہیں۔ جن مصنفین کی کتابیں اس انتخاب میں آتی ہیں ان کی تحریری اجازت حاصل کرکے کتابیں اپلوڈ کی جاتی ہیں۔ریختہ کو اپنے معیار کے ہی سبب اردو کے صف اول کے لکھنے والوں کا تعاون حاصل ہواہے جن میں انتظار حسین،ساقی فاروقی، ظفر اقبال،احمد مشتاق، فہمیدہ ریاض، کشورناہید،گوپی چند نارنگ،شمس الرحمن فاروقی، شمیم حنفی وغیرہ شامل ہیں۔ویب سائٹ پر کتابوں کو پڑھنے کے لیے آسانی پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہوئے ریختہ نے ہر کتاب کے مشمولات کی فہرست الگ سے فراہم کردی ہے جن میں سے کسی بھی عنوان پر کلک کرکے براہ راست متعلقہ صفحے تک پہنچا جاسکتا ہے۔ اس نے ہزاروں اردو رسالوں اور کتابوں کی فہرست کو یونیکوڈ میں تبدیل کیا ہے تاکہ جو مضمون مطلوب ہو، اس کی رسائی اردو طلبہ تک آسانی سے ہو جائے۔

    ریختہ نے غزلوں اور نظموں کو اردو کے ساتھ رومن اور دیوناگری رسم الخط میں فراہم کرنے کے علاوہ شعرا کے کلام کو اردو شاعری کے شائقین تک پہنچانے کے لیے ان کی آڈیو ریکارڈنگ بھی پیش کی ہے تاکہ اردو رسم الخط اور زبان و آہنگ سے ناواقف لوگ تلفظ اور لہجے سے بھی واقف ہوسکیں۔ (دراصل معترضین کو اسی پر اعتراض ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح ریختہ اردو رسم الخط کو ختم کر رہا ہے اور دیو ناگری رسم الخط کو فروغ دے رہا ہے۔ لیکن ایک بڑا طبقہ اس اعتراض کے بے بنیاد مانتا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ اردو کے ادبی سرمائے کو دوسرے رسم الخط میں متعارف کرانے سے اردو کا ہی بھلا ہوگا۔ کیوں کہ دوسری زبانوں کے جاننے والے اردو کے ادبی سرمایے سے واقف ہو سکیں گے)۔

    ریختہ پر شاعری سے دل چسپی رکھنے والے دو بڑے حلقوں کو نظر میں رکھتے ہوئے منتخب اور مقبول شاعری کے گوشے ترتیب دئیے گئے ہیں۔ایک گوشہ منتخب شاعری کا ہے جس میں قاری اعلیٰ معیاری سطح کی شاعری پڑھ سکتا ہے اور سمجھ سکتا ہے کہ اردو کی روایت کس طرح پروان چڑھی اور اب تک اس نے فن اور تخلیق کے کیا کیا مرحلے طے کیے ہیں۔ تین سوسالہ تہذیبی تاریخ کے دوران اردو زبان کا یہ معیاری سفر اس گوشے کی مدد سے بہ آسانی سمجھا جاسکتا ہے اور اس پر تبادلۂ خیال بھی کیا جاسکتا ہے۔اسی طرح مقبول شاعری کے گوشے میں ان لوگوں کے لیے مواد اکٹھا کردیا گیا ہے جو ہلکی پھلکی اور آسان شاعری پڑھنا چاہتے ہیں۔ ایسے لوگوں کے لیے حسرت موہانی، فیض احمد فیض، جون ایلیا، احمد فراز اور پروین شاکروغیرہ شعرا کاایسا کلام پیش کیا جاتا جو نسبتاً آسان ہو اور جسے پڑھ کر زیادہ تہہ دار اور پیچیدہ شاعری کی طرف قدم بڑھائے جا سکیں۔یہ کلام پڑھنے کے بعد قاری اردو زبان اور ادب دونوں کی تلاش میں رسم الخط کی جانب بھی مائل ہو سکتا ہے۔ ریختہ نے سعادت حسن منٹو کی تمام تر تحریریں بھی آن لائن کردی ہیں۔ پریم چند، قرۃ العین حیدر، خواجہ احمد عباس، غلام عباس، احمد ندیم قاسمی، عصمت چغتائی، انتطار حسین، بیدی، کرشن چندر، بلراج مینرا، اور اسی طرح مختلف کہانی کاروں کی 2500 کہانیوں کو یونی کوڈ میں پیش کر دیا گیا ہے۔ اور اس سمت میں برابر کام جاری ہے۔ اسی طرح مضامین کے شعبہ میں روز افزوں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ریختہ کا ارادہ ہے کہ اردو ادب کے تعلق سے ایک ہزارمعروف و مشہور مضامین کو یونی کوڈ میں پیش کیا جائے تاکہ صارفین کو تلاش کرنے میں آسانی ہو۔

    ریختہ کا یہ دعویٰ بالکل درست ہے کہ اردو میں ابھی تک کوئی ایسی ویب سائٹ موجود نہیں تھی جسے کمپیوٹر اسکرین کے ساتھ ساتھ آن لائن موبائل ایپلی کیشن کی طرح موبائل پر بھی بہ آسانی دیکھا جاسکے۔ریختہ نے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے اس مشکل کو آسان بنادیا ہے۔ اب ریختہ ویب سائٹ پر موجود کسی متن کو بہ آسانی موبائل پرکسی مشکل کے بغیر پڑھا جاسکتا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ مشاعروں کے ویڈیو،ریختہ اسٹوڈیو میں کیے گئے اور یوٹیوب پر موجود ادیبوں، شاعروں کے انٹرویواور ویڈیو بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔ ان کے علاوہ ریختہ نے بہت سے شاعروں کی آوازوں کو یکجا کردیا ہے جنھیں اس ویب سائٹ پر ایک کلک کے ذریعے اورموبائل پر بھی آسانی سے سنا جاسکتا ہے۔

    ریختہ نے ہندوستان اور پاکستان کے تقریباً 8ہزار اہم رسالوں کے 25ہزار شماروں کو آن لائن کردیا ہے جن میں پرانے اور نئے دونوں قسم کے جریدے شامل ہیں۔ نقوش، فنون، افکار، کے علاوہ ’سوغات‘بنگلور، ’شب خون‘ الہ آباد، ’شعور‘دہلی، ‘آج‘کراچی، ’عالمی اردو ادب‘دہلی اورممبئی سے شائع ہونے والا اشعر نجمی کا’اثبات‘ شامل ہیں۔

    ریختہ نے اردوکتابوں کی الیکٹرانک شکل میں بھی پیش کیا ہے۔ ریختہ پرموجود ای-کتاب گوشہ اردو کتابوں کی ایک محدود تعداد کے ساتھ اس طرح شروع کیا گیا تھا کہ اردو کتابوں کا ایک چھوٹا موٹا آن لائن کتب خانہ تشکیل دے دیا جائے۔ مگر دیکھتے ہی دیکھتے اس نے ایک زبردست مہم اور مشن کی صورت اختیار کرلی۔ اب ریختہ ویب سائٹ عالمی سطح پراردو ڈیجٹ کاری مشن میں مصروف ہے۔ اس سلسلے میں پہلی بڑی پیش رفت انجمن ترقی اردو ہند کے ذمے داروں کی مدد سے ہوئی جنھوں نے اپنے مؤقر کتب خانے کے دروازے ریختہ پر کھول دیے۔ جس کے تحت اب تک اس کتب خانے کی تقریباً آٹھ ہزار کتابیں سائٹ پر اپ لوڈ کی جاچکی ہیں۔ اس کے علاوہ رضا لائبریری رام پور کی اردو کتابیں بھی ریختہ کو فراہم ہو چکی ہیں۔ خدا بخش لائبریری، دارالمصنفین اعظم گڑھ کے علاوہ ہندوستان کی 25 لائبریریوں اور ذاتی کلیکشن تک رسائی ہو چکی ہے۔ ممتاز نقاد شمس الرحمان فاروقی کے ذاتی کتب کا ادبی سرمایہ بھی ریختہ کو دستیاب ہوچکا ہے جس میں داستان امیر حمزہ کی46 جلدیں بھی شامل ہیں جو پہلی بار ریختہ پر آن لائن کی گئی ہیں۔ ممتاز نقاد مرحوم خلیل الرحمان اعظمی کے ذاتی کتب خانے تک بھی ریختہ کی رسائی ہوچکی ہے۔ اس کے علاوہ ایک اور بڑی پیش رفت راجہ محمودآباد کے قدیم اور مؤقر کتب خانے تک ریختہ کی رسائی ہے جہاں اردو ادب کے بہت سے جواہر پارے ڈیجٹ کاری کے ذریعے محفوظ کیے جا رہے ہیں۔

    ریختہ کے مطابق اس کی نئی ریختہ ایپ عاشقان اردو کے لیے ایک اور تحفہ ہے۔ یہ ایپ ریختہ ویب سائٹ کی طرح اردو، دیوناگری اور رومن تینوں رسم الخط میں مواد فراہم کرتی ہے۔ مزید یہ کہ قرأت کی آسانی کے لیے تمام متون کے ساتھ لغت کے ذریعے کوئی بھی قاری کسی بھی لفظ کے معنی لفظ پر کلک کرے قرأت کے دوران ہی جان سکتا ہے۔ انبلٹ لغت کے علاوہ ’’ریختہ لغت‘‘ ریختہ ویب سائٹ اور ریختہ ایپ کا ایک اہم فیچر ہے۔ ریختہ کی کوشش رہی ہے کہ ایک ایسی لغت تیار کی جائے جو اردو الفاظ کے معنی اردو کے ساتھ ہندی اور انگلش تینوں زبانوں میں فراہم کرے۔

    بہرحال کچھ لوگوں کو یہ شکایت ہے کہ ریختہ اردو کو فروغ دینے کے بجائے ہندی کو فروغ دے رہا ہے۔ وہ اس کی جانب سے ہندی میں شعرا کے کلام کی اشاعت کو اس کے ثبوت میں پیش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اردو میں مجموعے شائع نہیں کرتا۔ لگے ہاتھوں یہ شکایت بھی کی جاتی ہے کہ اس سے اردو رسم الخط کو نقصان پہنچ رہا اور یہ کہ پرائمری سطح پر اردو کی تدریس کا سلسلہ ختم ہوتا جا رہا ہے۔ اس پر کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ اردو تدریس کے انتظام یا اردو رسم الحظ کو بچانے کا ٹھیکہ ریختہ نے نہیں لیا ہے۔ اس کا جو کام ہے وہ اسے بخوبی کر رہا ہے۔ کیا یہ بات چھوٹی ہے کہ اس کے پلیٹ فارم سے اردو زبان ان لاکھوں لوگوں تک پہنچ رہی ہے جو اردو نہیں جانتے۔ وہ اسی بہانے اردو تہذیب کے قریب آرہے ہیں۔ جشن ریختہ میلہ ہی سہی ظاہر ہے لوگ کچھ نہ کچھ تو سنتے اور سیکھتے ہی ہوں گے۔ اردو کی ان اصناف کو بھی زندہ کیا جا رہا ہے جو تقریباً مر چکی تھیں۔

    یاد رہے کہ لسانی ربط ضبط اور لین دین کا معاملہ ہمیشہ رہا ہے اور زندہ زبانیں دوسری زبانوں کے ادبی سرمائے کو اپنے اندر سمونے کا کام کرتی رہی ہیں۔ ادبی لین دین سے ایک دوسرے کے ادب کو پڑھنے اور دوسری زبانوں کے ادبی رویے کو جاننے کا موقع ملتا ہے۔ اگر ریختہ اردو ادب کو دیوناگری میں منتقل کر رہا ہے تو کوئی ایسا ادارہ کیوں نہیں قائم ہوتا جو ہندی اور انگریزی ادب کو اردو میں منتقل کرے۔ یہ اردو ادب کے مالامال اور مقبول ہونے کی دلیل نہیں تو اور کیا ہے کہ آج لاکھوں کروڑوں افراد اسے پڑھنا چاہتے ہیں۔ جہاں تک غیر اردو داں حلقوں میں اردو شاعری کی مقبولیت کی بات ہے تو یہ سلسلہ پہلے بھی چلتا رہا ہے۔ دہلی کے کئی ادارے پاکٹ بکس شائع کرتے رہے ہیں۔ جہاں سے اردو کے کلاسیکی شعرا کے شعری مجموعے ہندی میں شائع کرکے لاکھوں کی تعداد میں فروخت کیے جاتے تھے۔

    کچھ دنوں قبل ہارورڈ کی اسکالر پورنما سوامی کو ہندوستان میں اردو سے انگریزی ترجموں کے لیے سالانہ دیے جانے والے ایوارڈ ’’جواد میموریل پرائز‘‘کا پہلا انعام دیا گیا ہے۔ یہ انعام پاکستان کی شاعرہ فہمیدہ ریاض کی نظم ’’فلسطین‘‘ کا انگریزی ترجمہ کرنے پر دیا گیا۔ دوسرے انعام کے لیے احمد ندیم قاسمی کی نظم ’’پابندی‘‘ کا ترجمہ کرنے پر محمد عاقب کو دیا گیا۔ پورنما سوامی ہندوستان کی ایک صحافی ہیں اور اس وقت ہارورڈ یونیورسٹی میں جنوب ایشیائی علوم کے شعبے میں پی ایچ ڈی کر رہی ہیں۔ اس سے قبل پروفیسر خالد جاوید کو ان کے ناول ’’نعمت خانہ‘‘ کے انگریزی ترجمے پر جے سی بی ایورڈ دیا گیا تھا۔ مترجم باراں فاروقی کو بھی ایوارڈ دیا گیا۔

    کچھ لوگوں کو شکایت ہے کہ ہندی والے اردو کے الفاظ کو اختیار کرکے ان کو اپنا کہنے لگتے ہیں۔ اس کا مطلب تو یہی ہوا کہ ہمارا مال اچھا ہے لہٰذا لوگوں کو اسے اپنا کہنے پر فخر محسوس ہوتا ہے۔ ایسی شکایت کرنے والے دوسری زبانوں کے الفاظ کو کیوں نہیں اپناتے اور انھیں اپنا کیوں نہیں کہتے۔ جہاں تک اردو لکھنے پڑھنے کا معاملہ ہے تو کیا اہل اردو اس معاملے میں سنجیدہ ہیں؟ وہ اپنے گھروں میں اردو کا ماحول رائج کیے ہوئے ہیں؟ وہ اپنے بچوں کو اردو پڑھاتے ہیں؟ اردو کے اخبار اور رسائل و جرائد خریدتے ہیں؟ اسکول جانے والے اپنے بچوں کو اشیاء کے نام اردو میں بتاتے ہیں؟ یا پھر انھیں ہینڈ واش، فنش، شوز اور ڈاگی ہی سکھاتے ہیں۔

    جہاں تک اردو کلام کو ہندی میں شائع کرنے کی بات ہے تو ہندی میں اردو شعرا کا کلام بڑی تعداد میں فروخت ہوتا ہے۔ جب کہ وہی کلام اردو میں شائع کیا جائے تو کوئی پوچھتا تک نہیں۔ صرف اردو پڑھنے والے طلبہ ہی کورس کی کتابیں خریدتے ہیں وہ بھی بہت کم۔ بیشتر لائبریریوں سے استفادہ کرتے ہیں۔ جب کہ ہندی والے اردو شعرا کے کلام کو ہندی میں بڑی تعداد میں خریدتے ہیں۔ لہٰذا یہ ایک تجارتی معاملہ بھی ہے۔ یعنی ریختہ اگر ایک جانب ہندی میں اردو کلام فروخت کرکے منافع حاصل کر رہا ہے تو اسی بہانے وہ اردو شعرا کو غیر اردو داں حلقوں تک پہنچا بھی رہا ہے۔ جہاں تک اردو کی تدریس کا معاملہ ہے تو اس کا انتظام ہمیں خود کرنا چاہیے کیوں کہ ہماری زبان ہی نہیں تہذیب بھی اردو ہے۔ ہمارا بیشتر مذہبی سرمایہ بھی اردو میں منتقل ہو چکا ہے۔ اگر اس سرمائے کو تباہ ہونے سے بچانا ہے تو ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو اردو پڑھانے کا بند و بست کرنا چاہیے۔ لیکن ہم دوسروں کو مورد الزام ٹھہراتے ہیں۔ بہرحال کام کرنے کے بجائے شکایت کرنے والوں کا رویہ دیکھ کر احمد فراز کا یہ شعر یاد آجاتا ہے:

    شکوۂ ظلمت شب سے تو کہیں بہتر تھا

    اپنے حصے کی کوئی شمع جلاتے جاتے

  • ہندوستانی مسلمان فریضہ دعوت سےغافل کیوں؟

    ہندوستانی مسلمان فریضہ دعوت سےغافل کیوں؟

    ہندوستان کے مسلمانوں میں دین اسلام سے عقیدت ایک بین حقیقت ہے۔ عام مسلمان دین سے عقیدت رکھتے ہیں اور بیشتر مسلمان کسی نہ کسی فرقے، مسلک، جماعت یا نظریے کی پیروی کرتے ہیں۔ مذہبی پہچان والے جتنے بھی حلقے ہیں وہ اپنے اپنے عقیدوں اور طور طریقوں کے ساتھ دین اسلام سے وابستگی کا دم بھرتے ہیں۔ اسی جذبے سے وہ دین اسلام کے پھیلنے کی خبروں سے خوش ہوتے ہیں اور کسی غیر مسلم کے اسلام قبول کرنے پر خوشی کا اظہار بھی کرتے ہیں۔ لیکن ہندوستان کے مسلمانوں میں عمومی طور پر غیر مسلموں کو دین اسلام کی طرف دعوت دینے میں کوئی خاص دل چسپی نہیں رہی ہے۔ آزاد بھارت کے مسلمانوں میں گذشتہ کچھ دہائیوں سے ہی دعوت دین کا خال خال چرچا شروع ہوا ہے اور اس کی باقاعدہ مخالفت کا رجحان بھی ابھی تک پایا جاتا ہے۔ اس لیے یہ ایک غور طلب سوال ہے کہ اس کے اسباب کیا ہیں؟

    مسلمانوں کو مجموعی طور سے سامنے رکھ اس سوال پر غور کریں تو یہ جواب ملتا ہے کہ دین اسلام سے عام مسلمانوں کا تعلق شعوری نہیں ہے بلکہ جذباتی اور روایتی ہے۔ دین اسلام کی تعلیمات، احکام اور اخلاقیات مسلمانوں کی عملی زندگی پر چھائی نہیں ہیں۔ مذہبی حلقوں میں بھی اصل توجہ اپنی اپنی روایتوں،مسلکی پہچانوں اور گروہی عصبیت نیز دنیاوی مفادات پر ہے۔ مسلمانوں کے مذہبی جذبات اور عام ذہنیت کی تشکیل قرآن کے پیغام اور رسول اللہ صلّی اللہ علیہ وسلم کی سیرت سے نہیں ہوتی ہے بلکہ آبا واجداد سے چلی آرہی روایتوں اور اپنے خاندان، مقام یا مسلک و فرقے کے مولویوں کے بیانوں اور واعظوں سے ہوتی ہے۔ خود ان مولویوں کی علمیت و دین داری اپنے مادر علمی کے مسلک، روایت اور علمی معیار پر منحصر ہوتی ہے۔ یہ عام طور سے بہت سطحی ہوتی ہے اور دین کی روح اور دین و شریعت کے اعلی ترین مقاصد سے ناآشنا ہوتی ہے۔

    جن مذہبی حلقوں،مسلکی مدرسوں، گروہوں اور جماعتوں سے مسلمان عام طور سے وابستہ ہیں ان میں دیوبندی، بریلوی، اہل حدیث، تبلیغی جماعت، جماعت اسلامی اور جمیعت علما وغیرہ معروف و مشہور ہیں۔

    دیو بندی

    دیوبندی طبقہ مسلمانوں کی مذہبی سوچ اور رویے پر اثر رکھنے والا سب سے نمایاں طبقہ ہے اور اس کی نسبت دارالعلوم دیوبند سے ہے۔ دارالعلوم دیوبند ام المدارس ہے یعنی پورے بر صغیر میں دینی مدارس و مکاتب کی کثیر تعداد اس کے واسطے سے وجود میں آئی ہے۔ یہ برصغیر میں دین اسلام کا نقیب ہے اور خود اپنے آپ میں ایک مکتب فکر ہے۔ لیکن دارلعلوم دیوبند کی پہچان حنفی مسلک کی تعلیم و تبلیغ والے ایک ادارے کی ہے۔اسی کے ساتھ اس کا ایک سیاسی پس منظر بھی ہے جس سے اس کا موقف بندھا ہوا ہے۔ یہ انگریزی اقتدار کے خلاف جدو جہد کا مرکز رہا ہے۔ یہ جدو جہد اہل ہند کی ایک اجتماعی قومی تحریک کی صورت میں ہوئی تھی جس کے زیر اثر ملک میں ہندو مسلم گٹھ جوڑ اور گنگا جمنی تہذیب کی روایت پروان چڑھی۔ چناں چہ دیوبندی فکر پر اس روایت کا اثر اور دباؤ ابھی تک قائم ہے۔

    دارالعلوم دیوبند اور اس کی پیروی کرنے والے تمام لوگوں کی سیاسی و سماجی ترجمانی جمیعت علما ہند کرتی ہے۔ جمیعت علما ہند کا نظریۂ شروع سے ہی نیشنلزم یعنی وطنی قومیت کا رہا ہے۔ آزادی سے پہلے تحریک اور آزادی کے دوران بھی، پھر آزادی و تقسیم ہند کے بعدبھی بھارت میں جمیعت علمائے ہند کانگریس کے انڈین نیشنلزم کی وکیل اور کانگریس پارٹی کی معاون رہی ہے۔

    چناں چہ دارالعلوم دیوبند اور جمیعت علما ہند کے لیے ہندوستان میں غیر مسلموں (خاص طور سے ہندوؤں) کو دین اسلام کی طرف دعوت دینے کا معاملہ خلاف مصلحت رہا ہے۔ اس لیے نہ صرف یہ کہ انھوں نے اس کی ضرورت ہی محسوس نہیں کی بلکہ اس طرح کے رجحان اور کوششوں کی حوصلہ شکنی بھی کی۔ یہ چیز آج تک چلی آرہی ہے، حالاں کہ اس موقف میں اب کسی قدر نرمی محسوس ہونے لگی ہے، مگر اجتماعی طور پر نہیں بلکہ انفرادی سطح پر۔

    دیوبندی حلقے سے نکلنے والی تبلیغی جماعت کا عقیدہ یہ ہے کہ غیر مسلموں کو دعوت دینے کے بجائے صرف مسلمانوں ہی کی اصلاح کا کام کیا جائے۔ اس جماعت کے نزدیک اسی کا نام دعوت و تبلیغ ہے اور تبلیغی جماعت کا عمل جہاد ہے۔ لہذا تبلیغی جماعت بھی غیرمسلموں میں دعوت دین کی کبھی ہمنوا نہیں رہی ہے، البتہ از خود مسلمان ہونے والے افراد کا یہ جماعت استقبال کرتی ہے۔

    دیوبندی حلقے کے علاوہ ہندوستانی مسلمانوں کا دوسرا بڑا طبقہ بریلوی طبقہ ہے۔ اس طبقے کے اندر بھی کئی طرح کےلوگ ہیں۔ ان میں وہ بھی ہیں جو دین کے لیے مخلصانہ فکر رکھتے ہیں، علمی روایت و سلسلہ رکھتے ہیں اور تزکیہ نفس کے اس نظام سے تعلق رکھتے ہیں جسے تصوف کہتے ہیں۔ وہ لوگ بھی ہیں جو عرس، میلوں ٹھیلوں اور درگاہوں کی زیارت کرنے کو ہی دین سمجھتے ہیں، اور جو مسلمان ان خرافات سے دور ہیں انھیں مسلمان ہی نہیں سمجھتے۔ ان کے علاوہ کچھ زیادہ بگڑے ہوئے اور شرک و بدعت کو اپنا دین بنانے والے لوگ بھی اس طبقے کا حصہ سمجھے جاتے ہیں۔ یہ آخری دو طبقے تو قطعی قابل ذکر نہیں ہیں لیکن تصوف و خانقاہیت سے جڑا سنجیدہ طبقہ بھی دعوت دین کا تصور نہیں رکھتا ہے حالاں کہ یہ لوگ اس بات پر فخر کرتے ہیں کہ بر صغیر میں دین اسلام کا فروغ صوفیوں اور ولیوں کے ذریعے ہوا ہے، اور "خواجہ اجمیری” نے یہاں کے کفرستان میں دین اسلام کی مشعل جلائی اور آج کے مسلمانوں کی اکثریت انھی لوگوں کی نسل سے ہے جو صوفیوں کے ہاتھوں پر اسلام لائے تھے۔ ان لوگوں کی توجہ "دیوبندیوں” اور "وہابیوں” کا رد کرنے نیز مراقبوں اور وظیفوں میں غرق رہنے پر ہی مرکوزہے۔

    ان دونوں کے درمیان تیسرا معتدل طبقہ وہ ہے جو جماعت اسلامی کے نظریے اور تحریک سے پیدا ہوا ہے۔ جماعت اسلامی کی بنیاد دعوت دین اور اقامت دین کی فکر پر ہی رکھی گئی تھی۔ اس تحریک کے بانی مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی رحمتہ اللہ علیہ نے تحریک آزادی کے دوران ہندؤوں اور مسلمانوں کے درمیان چل رہی قومی کشمکش سے الگ ہٹ کر مسلمانوں کو یہ پیغام دیا تھا کہ اپنی سماجی اور سیاسی زندگی کو بھی دین و شریعت کے مطابق بنائیں۔ اقامت دین کو اپنا قومی مقصد بنائیں اور قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق اپنے انفرادی اور اجتماعی کردار کی تعمیر کریں۔

    تقسیم ہند کے بعد بانی تحریک نے خود تو پاکستان میں قیام کیا اور وہاں کے معاشرے میں اقامت دین کی کوششوں میں لگے رہے، لیکن ان کے جو ہم نوا ہندوستان میں رہ گئے تھے انھوں نے جماعت اسلامی ہند کے نام سے دعوت دین اور اصلاح امت کا کام جاری رکھا۔ اپنے رفقاء کی رہ نمائی اور دیگر تمام اہل فکر مسلمانوں کے لیے بانی تحریک مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی نے ایک مربوط لائحہ عمل تجویز کیا جسے جماعت اسلامی ہندنے خطبہ مدراس کے نام سے شائع کیا تھا۔ اس میں ہندوستان کے مسلمانوں کو بنیادی طور سے پیغام دیا گیا تھا کہ وہ قومی کش مکش سے خود کو الگ رکھیں اور ہندوستانی سماج میں تبلیغ اسلام کا کام کریں۔ تمام علاقائی زبانوں میں قران کا ترجمہ اور اسلام کی وضاحت کرنے والا لٹریچر، دعوتی اخبارات و رسائل شائع کریں اور ہندوؤں کے ساتھ فرقہ وارنہ کشمکش سے بچیں۔ چناں چہ جماعت اسلامی ہند نے انھی خطوط پر کام شروع کیا۔ جماعت نے نہ صرف ہندی اور علاقائی زبانوں میں قران کے تراجم نیز اسلامی لٹریچر شائع کیے بلکہ مختلف مواقع پر مختلف عنوانات سے غیر مسلموں کے خصوصی یا مسلمانوں کے ساتھ ملے جلے اجتماعات بھی منعقد کیے۔ جماعت کے مرکز اور علاقائی دفاتر سے ہندی اور علاقائی زبانوں کے میگزین بھی شائع ہونے شروع ہوئے جو ابھی بھی شائع ہورہے ہیں۔اس طرح جماعت اسلامی ہند ہندوستان میں اسلام کی دعوت و اشاعت کی نقیب بنی۔ جماعت کے ارکان و کارکنان کو غیر مسلموں سے دعوتی روابط استوار کرنے اور انھیں دعوتی کتب دیتے رہنے کی تاکید تھی۔ جماعت کے ایک سابق امیر مولانا سراج الحسن صاحب نے ہندوستان کو "دارالدعوۃ” تک قرار دیا تھا۔ جماعت نے متعدد بار مختلف عنوانات سے دعوتی مہمیں بھی چلائیں۔

    لیکن جماعت اسلامی کی ان کاوشوں سے دیگر مذہبی حلقوں نے کوئی خاص ترغیب حاصل نہیں کی اور خود مختلف وجوہ سے جماعت کا عوام میں اثر و نفوذ بھی محدود رہا۔ یہاں تک کہ تبلیغی جماعت جیسی جماعت بھی جماعت اسلامی کی مخالفت پر کمر بستہ رہی، کیوں کہ دیوبندی حلقہ سے تعلق ہونے کے علاوہ، اس کا مؤقف یہ بھی ہے کہ تبلیغی جماعت ہی برحق ہے اور باقی سارے تبلیغی و دعوتی کام لایعنی اور غیر سنجیدہ ہیں۔

    الغرض، آزاد ہندوستان میں غیر مسلموں میں دعوت دین کا نظریہ اور کوششیں جماعت اسلامی اور اس سے متاثر لوگوں میں ہی بڑی حد تک محدود رہیں۔ ہندوستان میں بڑھتی ہوئی فرقہ واریت اور مسلم کش فسادات نےخود جماعت پر ملت کے تحفظ کی تدابیر اختیار کرنے، لٹے پٹے مسلمانوں کی بازآباد کاری اور غیر مسلموں میں اسلام اورمسلمانوں کے تعلق سے پھیلائی جارہی غلط فہمیوں کو رفع کرنے نیز ان سے خیرسگالی اور برادرانہ تعلقات استوار کرنے کا دباؤ بڑھا دیا۔ اس کے لیے جماعت نے ملکی وصوبائی سطح پر متعدد ادارے قائم کیے، جیسے فورم فار ڈیموکریسی و کمیونل امیٹی، دھارمک جن مورچہ اور سدبھاؤنا منچ وغیرہ۔ چناں چہ داخلی اور بیرونی دباؤ کی وجہ سے گذشتہ تین دہائیوں میں جماعت کے نظریے اور اپروچ میں جو تبدیلیاں واقع ہوئیں اس نے سب سے زیادہ دعوتی سرگرمیوں کو متاثر کیا۔

    جماعت اسلامی ہند کی دعوتی سرگرمیو‌ں میں گذشتہ برسوں میں کچھ قابلِ اعتراض طریقے بھی سامنے آئے جو دعوت کے مقصد اور دعوتی اپروچ کے مطابق نہیں تھے بلکہ وہ بین المذاہب اتحاد و ہم آہنگی کے تقاضوں کو پورا کرنے میں حدود سے تجاوز کرتے ہیں۔ حال ہی میں جماعت کے مرکزی اور علاقائی دفاتر میں شعبہ دعوت کو بھی ختم کردیا گیا ہے۔ اس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ دعوت جماعت کے ہر کارکن پر عائد ایک فریضہ ہے جس پر ہر رکن و کارکن کو توجہ دینی چاہیے۔ دعوت کے لیے الگ سے ایک شعبے کے تحت دعوتی پروگراموں اور مہمات کی کوئی افادیت اور ضرورت نہیں ہے۔

    تحریک اسلامی سے وابستہ وہ افراد اور گروہ جو جماعت اسلامی ہند کی پالیسیوں سے اختلاف کرتے رہے ہیں وہ جماعت کی روایتی دعوتی اپروچ پر بھی یہ تنقید کرتے رہے ہیں کہ جماعت دعوت کے بجائے افہام و تفہیم کی بات کرتی ہے اور اپنا دعوتی مدعا براہ راست پیش کرنے کے بجائے بالواسطہ پیش کرتی ہے حالاں کہ دعوت دین کا قرآنی اور نبوی طرز واضح، دوٹوک اور بلا مداہنت اللہ کی طرف بلانے کا ہے۔

    جماعت اسلامی کی دعوتی سرگرمیوں میں کمی آنے کی ایک اور وجہ ترجیحات کا بدل جانا بھی ہے۔ جب سچر کمیٹی کی رپورٹ سے مسلمانوں کی تعلیمی پس ماندگی، معاشی بدحالی اور سماجی کم زوری پوری طرح عیان ہوکر سامنے آگئی تو بجا طور پر مسلمانوں میں یہ احساس پیدا ہوا کہ اپنی قوم کی تعمیر و ترقی اور امپاور منٹ کے انھیں خود ہے متحرک ہونا ہوگا۔ اس میدان میں جماعت نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ مسلمانوں میں تعلیمی اداروں کا قیام، ہونہار اور غریب طلبہ کو وظائف کی فراہمی، بعض اہم میدانوں کی طرف مسلم نوجوانوں کو متوجہ کرنا اور ان میں ترغیب پیدا کرنا، مسلمانوں کی معاشی بدحالی کو دور کرنے کی طرف بھی متعدد سرگرمیوں کے ذریعے جماعت نے قدم آگے بڑھایا۔ ظاہر ہے ان کاموں کی اہمیت، ضرورت اور افادیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ تاہم ان میدانوں میں جماعت کی بڑھتی دل چسپی نے اس کے اصل کام دعوت دین اور اقامت دین کو بڑی حد تک متاثر کیا۔

    گذشتہ دہائیوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں مختلف لوگوں نے دعوت دین کی سرگرمیاں الگ الگ انداز سے شروع کیں جن میں سے کچھ باقی ہیں اور کچھ ماند پڑگئیں۔ ان میں سب سے زیادہ نمایاں اور قابل ذکر سرگرمی ڈاکٹر ذاکر نائک اور ان کے اسلامک ریسرچ سینٹر کی تھی۔ جنھوں نے ڈیجیٹل چینل کے توسط سے اور بین مذہبی مناظروں کے ذریعے اسلام کو عوامی سطح پر متعارف کرانے میں کام یابی حاصل کی اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کے اندر دعوت دین کا جوش و جذبہ پیدا کیا، تاہم ڈاکٹر ذاکر نائیک مجادلہ،حکمت و موظتہ حسنہ کی قرانی ہدایت کو ملحوظ نہ رکھ سکے اور بلآخر مودی حکومت کے عتاب کا شکار ہوکر جلاوطن ہونے پر مجبور ہوئے۔ان کے علاوہ مولانا کلیم صدیقی ایک داعی شخصیت کے طور پر عوام کے درمیان مقبول ہوئے لیکن انھیں بھی حکومت کے عتاب کا شکار ہوکرجیل جانا پڑا۔ لیکن مولانا کلیم صدیقی کےطریقہ دعوت پر بھی اہل علم کے کئی اعتراضات تھے۔ نومسلموں کی قانونی مدد و رہ نمائی نیز مسلم معاشرے میں انھیں جذب کرنے کے لیے کام کرنے والے ڈاکٹر عمر گوتم کے ساتھ بھی یہی ہوا وہ بھی غیر قانونی سرگرمیوں کے الزامات میں جیل میں بند ہیں۔دعوتی میدان میں کام کرنے والوں کو حکمت و تدبرکے ساتھ ملکی قوانین اور دستوری ضوابط کو بھی پیش نظر رکھنا چاہیے۔

    اس پورے منظرنامے سے یہ بات مترشح ہوجاتی ہے کہ ملک میں جمہوریت، عقیدے و تبلیغ دین کی آزادی کے باوجود عملاً دعوت دین کا کام کرنا آسان نہیں ہے۔ اکثریتی فرقے کے مذہبی قائدین تبدیلی مذہب اور اس کے لیے تحریک دینے کے شدت سے مخالف ہیں اور حکومتوں پر شدید دباؤ بنائے رکھتے ہیں۔ ان لوگوں کی تائید و مدد سے بننے والی موجودہ حکومت تبدیلی مذہب پر مکمل پابندی کا مؤقف رکھتی ہے اور دعوت دین کی سرگرمی کو ایک مجرمانہ فعل قرار دیتی ہے۔ اس ناسازگاراور مخالف ماحول کی بنا پر ملک میں مسلمان دعوت دین کے فریضے کو انجام نہیں دے پارہے ہیں۔

  • کیا بھاگوت نوشتہ دیوار پڑھ رہے ہیں؟

    کیا بھاگوت نوشتہ دیوار پڑھ رہے ہیں؟

    قاسم سید

    راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) 2025 میں اپنے قیام کے 100 سال مکمل کرلے گا۔ ابھی تک اطلاع مل رہی تھی کہ آر ایس ایس اس موقع کو بڑے شاندار طریقے سے منانے کی تیاری کر رہی ہے۔ اس کے تحت قومی اور بین الاقوامی سطح پر بہت بڑے پروگرام منعقد کرنے کا منصوبہ ہے۔ صد سالہ تقریبات کے موقع پر تنظیم کی ایک بڑی توسیع کا منصوبہ بھی تھا، جس میں اس کی شاخوں کی تعداد ایک لاکھ تک بڑھانےبڑھانا پیش نظرتھا ، لیکن اب اطلاعات مل رہی ہیں کہ سنگھ نے فی الحال بڑے اور عظیم الشان پروگرام ملتوی کر دیا ہے۔
    آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے خود ناگپور میں اس سے متعلق بیان دیا ہے۔ کیا اس نے یہ فیصلہ عام انتخابات میں ووٹروں کی سرد مہری اور مودی کی باڈی لنگویج پڑھ کر لیا ،جس میں ناامیدی، مایوسی اور بوکھلاہٹ کا عنصر نمایاں ہے ۔چار سو پار کے نعرے کا کھوکھلا پن سنگھ کے لیڈر نے محسوس کرلیا ہے ۔کیا یہ سوال بھاگوت کو بھی پریشان کررہا ہے کہ “وکاس پرش “کو منگل سوتر تک کی سیڑھیاں کیوں پھلانگنی پڑیں ؟یا پھر وہ مودی کے پارٹی سے بڑا ہوجانے اور ان کی گارنٹی والے ڈکٹیٹرانہ رویہ میں چھپی آندھیوں کی عبارت کو پڑھ رہے ہیں؟کیا انتخابات کے بعد مودی سنگھ سے بڑے ہوجائیں گے اور من مانی کرنے لگیں گے؟
    اگر ایسا نہیں توشاید ان کو اب یہ محسوس ہونے لگا ہے کہ مودی ہیٹرک نہیں لگا پائیں گے اس لئے وہ فاصلے کے اشارے دینے لگے ؟ ناگپور میں ہوئی ووٹنگ میں سنگھ کارکنوں کا گھر بیٹھ جانا اور اور کسی طرح کی گرم جوشی کا مظاہرہ نہ کرنا اس طرح کے خدشات اور قیاس آرائیوں کو تقویت دیتا ہے۔ یہ بھی کہا جاسکتا ہے اب نہ وہ گرمی ہے نہ دیوانگی۔ دریا کا پانی اترنے لگاہے۔ اب 2014اور2019 جیسے حالات نہیں ہیں ۔مودی میجک میں وہ کشش بھی نہیں رہی۔اچھے دن آئیں گے اور پلوامہ وبالاکوٹ جیسا کوئی طاقتور بیانیہ بھی لاکھ کوشش کے باوجود سامنے نہیں آسکا اور نہ ہی ملک میں کوئی لہر ہے۔الیکشن مودی بنام مودی ہوگیا ہے۔ مودی کوبھی تھک ہار کر ہندو مسلم پر آنا پڑا اور اس کے جنون میں وہ بغیر رائی کاپربت بنارہے ہیں۔ لیکن دوسرے مرحلہ کی پولنگ میں اس کا بھی اثر نہیں ہوا ۔کم ووٹنگ بی جے پی کی دھڑکنیں بڑھا رہی ہے۔ کمزور اپوزیشن لاچار ہونے کے باوجود اپنے وجود کا احساس دلارہی ہے۔میڈیا کی بیٹنگ بھی بی جے پی کو ہی نقصان پہنچارہی ہے کیونکہ وہ اپنا بھروسہ کھوچکا ہے۔اس بار بی جے پی کو سوشل میڈیا پر بھی سخت مقابلہ کا سامنا ہے۔پھر بھی بی جے پی کا ہارنا اتنا آسان نہیں ہےاس لئے کہ اس نے سب کچھ داؤ پر لگادیا ہے۔یقینا وہ پہلے سے کمزور ضرور ہوگی لیکن اقتدار میں نہیں آئے گی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ اینٹیں ہلنے لگی ہیں یہ ماننے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ بھاگوت کا بیان اسی کی طرف اشارہ کررہا ہے۔
    اب صد سالہ تقریبات کے حوالے سے سنگھ کا کیا منصوبہ ہے؟ اگر صد سالہ جشن منایا جائے گاتو اس کی شکل کیا ہو گی؟ سنگھ نے اس پر بھی وضاحت کی ہے ۔دراصل 18 اپریل کو ایک پروگرام میں ناگپور میں موہن بھاگوت نے اپنے خطاب میں کہا تھاکہ "راشٹریہ سویم سیوک سنگھ اپنی صد سالہ تقریب نہیں منائے گا۔ وہ اس موقع کو اپنی کچھ کامیابیوں پر فخر کرنے کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہتا”۔
    لوک سبھا انتخابات کے درمیان آر ایس ایس کایہ فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے۔17ویں لوک سبھا کی مدت 16 جون کو ختم ہو رہی ہے اور 18ویں لوک سبھا تشکیل پانے جارہی ہے۔ صد سالہ تقریبات نہ منانے کا سنگھ سربراہ کا فیصلہ کسی طرح ہضم نہیں ہورہا ہے ۔اوپر جو کچھ کہا گیا ہے وہ اگر مگر ،چونکہ، چنانچہ پر مشتمل سوالات و قیاس آرائیاں ہیں۔ خاص طور پر انتخابات کے درمیان اس فیصلے کو ممکنہ انتخابی نتائج سے بھی جوڑا جا رہا ہے۔ اگر سنگھ نے میگا پلان کو ملتوی کر دیا ہے تو کیا وہ اپنی صد سالہ تقریب چھوٹے پیمانے پر منائے گا؟ اس پر ابھی بھی شکوک وشبہات ہیں۔
    دراصل لوگوں کا ماننا ہے کہ سنگھ نے بطور ایک تنظیم اپنے قیام کے سو سال میں بہت بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اس میں ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر سر فہرست ہے۔ اس کے علاوہ اس کی کامیابیوں میں اپنی سیاسی شاخ بی جے پی کی مدد کرکے اسے اقتدار تک پہنچانا، لوگوں میں سناتن دھرم کلچر کو فروغ دینا اور "ہندو راشٹر” کے تئیں لوگوں کے ذہنوں میں فخر کا جذبہ پیدا کرنا شامل ہے۔ سنگھ کا ایک اور مقصد اعلی اور نچلی ہزاروں ذاتوں میں بکھری ہندو کمیونٹی کو دھرم کی بنیاد پر متحد کرنا بھی ہے۔مگر کیا کیجئے کہ اتنی محنت اور قربانی کے باوجود 2024کے عام انتخابات میں دھرم کی جگہ ذات پات حاوی ہوگئی اور قومی ایشو کی عدم موجودگی کے سبب الیکشن بالکل مقامی سطح پر آگیا جس سے سنگھ کی امیدوں پربظاہر پانی پھرتا نظر آرہا ہے۔لیکن بہت زیادہ خوش فہمی میں بھی رہنے کی ضرورت نہیں ہے۔
    اب مزیدچند باتوں کا جائزہ لیتے ہیں ۔بھاگوت نےعین الیکشن کےدوران یہ فیصلہ کیوں لیا؟کیا سنگھ کو انتہائی طاقتور مودی نہیں چاہئیے؟کیا بھاگوت کو لگاتار بونے ہونے اور کنگ ماسٹر کی پوزیشن کھونے کا خطرہ ہے اور اب وہ نیوٹرل رہنے کا ڈھونگ کرکے نئے سیاسی منظر نامہ کے لئے پوزیشن لےرہے ہیں؟
    بھاگوت اور مودی کے رشتے
    کیا بھاگوت اور مودی کے رشتے خراب ہورہے ہیں ؟ پران پرتشٹھا تقریب میں بھاگوت کی شمولیت کو پی ایم کی طرف سے سرسنگھ چالک کو یقین دلانے کا اشارہ دینے کی کوشش ہے کہ وہ اور سنگھ ان کے لئے بہت اہم ہیں۔ حالانکہ ان کے علاوہ مودی کے ساتھ آئینی عہدے کے اعتبار جو موجود تھے ان میں یوپی کے گورنر اور وزیر اعلی تھے اور تیسرے بھاگوت جن کے پاس کوئی آئینی عہدہ نہیں ہے۔ مگر اس میں بھی کوئی شک نہیں ہے کہ2014 میں اقتدار میں آنے کے بعد سے مودی نے بی جے پی میں آر ایس ایس کے ‘بگ برادر’ کردار کو بڑی حد تک کمزور کیا ہے۔ بھاگوت نے بھی اس ’تنزلی ‘ کومجبورا ہی قبول کیا کیونکہ مودی بھگوا برادری کی فکر کے تئیں وفادار ہیں ۔مزید یہ کہ مودی نے اس بات کو بھی یقینی بنایاکہ سنگھ سے وابستہ افراد یا اس کے ہمدردافراد کو اہم اداروں اور سرکاری عہدوں پر تعینات کیا جائے۔چوں کہ اس وقت بی جے پی اور سنگھ کے پاس مودی جیسی مقبولیت کے درجہ کا کوئی فرد نہیں ہے جو عوام کا اعتماد جیت سکے لہذاوقتی طور پر وہ مودی کو برداشت کررہا ہے۔اسی کے ساتھ یہ بات بھی صحیح ہے کہ سنگھ اور بی جے پی کے درمیان تعلقات اتنے کشیدہ نہیں ہیں جتنے کہ واجپائی کے دور میں تھے۔
    تاہم مودی نے اس بات کو یقینی بنایا کہ بھاگوت کے ساتھ ان کی بدلی ہوئی پوزیشن ظاہر نہ ہو۔البتہ آر ایس ایس سربراہ کا ڈرائیونگ سیٹ چھوڑ کر سیکنڈ پوزیشن پر قانع ہوجانا ان کی مجبوری ،بے بسی اور جبریہ قناعت پسندی کو ظاہر کرتا ہےیا دور اندیشی اور حالات کے فہم کو اس پر کوئی حتمی رائے دینا مشکل ہے۔ جب کہ واجپئی بھی سنگھ کی باس والی پوزیشن کودل سے پسند نہیں کرتے تھے تو مودی جو فوٹو فریم میں اپنے علاوہ کسی اور کو برداشت نہیں کرسکتے، کیسے بھاگوت کی سپر باس والی حیثیت کو مان سکتے ہیں؟ ایک بات یہ بھی ہوسکتی ہے کہ سنگھ اس بار یہ تجربہ بھی کرنا چاہ رہا ہو کہ کیا بی جے پی اس کے بغیر الیکشن جیت سکتی ہے ؟
    کبھی کبھی ضرورت کے لحاظ سے اسکرپٹ، رول اور ڈائیلاگ تبدیل کیے جاتے ہیں۔ آر ایس ایس نے ہی مودی کو لانچ کیا ہےاور وہ جانتاہے کہ اس کا میزائل اپنے ٹارگٹ سے نہیں بھٹکا ہے اس لئے بھاگوت نے خود کو نمبر دو پر رکھ لیا ہے ۔اس تھیوری میں کوئی دم نہیں کہ مودی اور بھاگوت میں کوئی ٹکراؤ یا رشتوں میں کھٹاس ہے۔ حکمت علمی کے بطور ہی سنگھ ایک قدم پیچھے ہٹا ہے۔
    وزیرِ اعظم مودی کی سوانح حیات لکھنے والے مصنف نلنجن مکھپادھیائے کا کہنا ہے کہ مودی 100 فی صد آر ایس ایس کے پروڈکٹ ہیں اور اسی کے مقاصد پورے کر رہے ہیں۔
    سنگھ اور مودی کے رشتے
    کیا کسی کو اس بات میں کوئی شک ہے کہ آرایس ایس کی خواہش و عزم کے مطابق ہی مودی نے ایک ارب 40 کروڑ سے زائد آبادی رکھنے والے ملک میں ہندو قوم پرستی کو نہ صرف قابلِ قبول اور مقبول بنایا ہے بلکہ اس کے استعمال سے اپنے اقتدار کو بھی طول دیا ہے۔وہ بھی ایک ایسے ملک میں جو صدیوں سے مختلف ثقافتوں اور مذاہب پر مشتمل اپنے متنوع معاشرے کو قابلِ فخر قرار دیتا ہے۔
    یہ بات بھی نوٹ کرنے کی ہے کہ مودی نے ریاست اور مذہب کے درمیان حائل موٹی لکیر کو بہت ہلکا کردیا ہے۔ جب کہ آزادمیڈیا، سیاسی مخالفین اور عدالتوں کی آزادانہ حیثیت کو جو خطرات لاحق ہو گئے ہیں ملک کے دانشور، سیاسی مبصرین اور عالمی ادارے یہ محسوس کررہے ہیں کہ بھارت میں جمہوریت کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ ملک میں جمہوریت ،میڈیا ،اقلیتوں کے حقوق کی پامالی پر عالمی اداروں کے ذریعہ کی گئی درجہ بندی میں گراوٹ کے باوجود مودی کے عزائم واقدامات پر کوئی فرق نہیں پڑا۔آج کل وہ جس طرح کھل کر مسلم مخالف بیانات دے رہے ہیں وہ گولوالکر کی تعلیمات کے عین مطابق ہے ۔
    آرآیس ایس نے مودی کے ذریعہ کمیونسٹوں کو سیاسی میدان سے کھدیڑدیا ہے۔اب ان کا آخری قلعہ کیرلہ ہی بچا ہے باقی سب ڈھادئے گئے ۔ اب ان کے نشانے پر مسلمان ہیں۔ اس تعلق سے کشمیر سے لے کر سی اے اے تک جو فیصلے ہوئے اورریاستی سطح پریونیفارم سول کوڈ کا جواعلان ہوا اس سےیہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ مودی آر ایس ایس کے سو فیصد وفادار اور گروگولوالکر کے سیاسی گرنتھ بنچ آف تھاٹ کے منصوبے پر عمل کررہے ہیں۔اس کے بعد آئین اور دلتوں کے ریزرویشن کا نمبر ہے جو سنگھ کی آنکھوں میں کھٹکتا ہے ۔برہمنی نظام کے تسلط کے لئے انہیں ‘پسماندہ ذات ‘کے مودی سے اچھا مہرہ نہیں مل سکتا،جس نے ہندو راشٹرواد،ہندوتو، سناتن دھرم کا احیاء، بابری مسجد کی جگہ پر رام مندر کی تعمیر اور 80کروڑ لوگوں کو مفت اناج دے کر انہیں اپنے حقوق سے بیگانہ کردیاہے ۔
    اگر کسی نے بنچ آف تھاٹ پڑھی ہو تو وہ بخوبی اندازہ لگا سکتا ہے کہ مودی کی آرآیس ایس کیمپوں میں جو تربیت ہوئی وہ ان کے اقدامات سے جھلکتی ہے ا ور وہ جمہوریت کو فسطائیت میں بدلنے کی راہ پر گامزن ہیں۔انہوں نےہرآئینی ادارے کی گردن مروڑدی ۔آواز اٹھانے والوں اور سول سوسائٹی کا تیاپانچہ کردیا اور ان کے کارکنوں کو جیلوں میں ڈال دیا ۔سنگھ کی پسند ہٹلر اور مسولینی رہے ہیں ان کے ایک لیڈر نے مسولینی سے ملاقات بھی کی تھی ۔سنگھ جمہوریت مخالف ہے کیونکہ اس میں سب کو طاقت ملتی ہے جبکہ سنگھ صرف اشرافیہ (برہمنی سسٹم ) کو یہ حق دیتا ہے ۔مودی ملک کو صدارتی نظام کی طرف لے جارہے ہیں ۔ان سب باتوں کو دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے مودی کے بھلے ہی سنگھ سے رشتے بظاہر کھٹے میٹھے دکھائی دیتے ہوں مگر نظریاتی اور عملی طور پروہ سنگھ کے وفادار اور سچے کمانڈر ہیں ۔وہ سنگھ کے سربراہ کو کمزور دیکھنا تو پسند کریں گے البتہ یہ کبھی نہیں چاہیں گے کہ سنگھ کمزور ہو کیونکہ وہی ان کی طاقت،آتما اور پروجیکٹر ہے ۔بلا شبہ مودی کے عروج نے آر ایس ایس کے مقاصد کو آگے بڑھانے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے مگر یہ بھی سچ ہے کہ مودی رفتہ رفتہ مطلق العنان بن گئے۔ انہوں نے پولیس اور قانونی نظام پر سارا اختیار اپنے ہاتھ میں لے لیا لیکن اس سے سنگھ کوکوئی پریشانی نہیں ہے کیونکہ وہ بھی یہی چاہتا ہے۔مودی کو کریڈٹ دینا چاہیے کہ ہندو قوم پرستی یا ہندوتوا کا نظریہ ایک زمانے میں ایک خاص طبقے تک ہی محدود تھا لیکن آج یہ ملکی سیاست کا محور بن چکا ہے۔
    اب اس سوال پر واپس آتے ہیں کہ بھاگوت نے آخر عام انتخابات کے گرم ماحول میں یہ بم کیوں پھوڑا ۔کیا سنگھ متحرک نظر نہیں آنا چاہتا ،یا یہ اس کی دوررس حکمت عملی کا حصہ ہے کہ خود کو آزمائشوں سے محفوظ رکھے۔جس کے لیے وہ بوقت ضرورت کینچلی بدلتا رہا ہے۔ بی جے پی کے چارسو پار کے نعرے پر سنگھ تو کیا اب بی جے پی کو بھی یقین نہیں ہے۔ جو سروے سامنے آرہے ہیں( خواہ بی جے پی کے داخلی سروے ہوں یا نجی اداروں کے) انہوں مودی اورامت شاہ سمیت سنگھ کی بھی نیند حرام کردی ہے۔ کروٹ بدلنے اورحالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی جومہارت آرایس ایس کے پاس ہے دراصل بھاگوت کابیان اسی کا عکاس ہے۔ شاید وہ ہواؤں کے رخ کی تبدیلی کو محسوس کررہے ہیں۔ اگر انڈیا شائننگ کی تاریخ دہرائی جاتی ہے تو وہ کہاں کھڑی ہوگی اور آنے والی حکومت کے ساتھ دشمنی کا رویہ کس حد تک جھیل سکے گی ۔
    آر ایس ایس آکٹوپس کی طرح ہے ،اس کے ہاتھ پیر گننا مشکل ہے ۔1975میں اس نے اندرا گاندھی کےذریعہ ایمرجنسی لگانے کی حمایت کی ،اور جب اندرا کا مقابلہ کرنے کے لئے جے پرکاش میدان میں آئے تو سنگھ نے ان کا ساتھ دیا اور جب جنتا پارٹی بنی توجن سنگھ اس میں ضم ہوگئی۔ جنتا پارٹی کے زوال کے بعد پھر ہیولا بدل کر بھارتیہ جنتا پارٹی وجود میں آگئی۔جب وی پی سنگھ نے کانگریس سے بغاوت کی تو بی جے پی نے ان کی حمایت کی ۔جنتادل کے ساتھ بی جے پی نے انتخابی مفاہمت کی اورمل کر الیکشن لڑا جب کہ اس محاذ میں لالو اور ملائم بھی تھے ۔تاریخ نے پہلی بار دیکھا کہ وی پی سنگھ سرکار کو لیفٹ اور رائٹ دونوں کی حمایت حاصل تھی ۔جب وی پی سنگھ نے منڈل رپورٹ لاگو کی تو بی جے پی تلما گئی اور منڈل کے خلاف پورے ملک میں تحریک چلائی۔ منڈل کا مقابلہ کرنے کے لئےلال کرشن اڈوانی نے رتھ یاترا نکالی ۔لالو نے جب اس یاترا کو بہار میں روکا تو بی جے پی نے وی پی سنگھ سرکار سے حمایت واپس لے لی۔آخر میں منموہن سرکار کے خلاف کرپشن کا بیانیہ بنایا گیا اور جھاڑپونچھ کر انا ہزارے کو مہاراشٹر کے ایک گاؤں سے نیا گاندھی بناکر لایا گیا جو آج دس آدمی اکھٹے نہیں کرسکتے ۔اس آندولن سے کیجریوال نکلے اور منموہن سرکار کرپشن کے بوجھ سے گر گئی اور مودی ہندو ہردے سمراٹ بن کر ابھری ۔
    معروف صحافی سعید نقوی نے اپنی کتاب “وطن میں غیر “ میں آر ایس ایس کے سیاسی کردار اور گرگٹ کی طرح رنگ بدلنے کا تفصیل سے جائزہ لیا ہے۔ مودی سرکار سے اچھے رشتوں کی حالیہ دلیل یہ ہے کہ جب بی جے پی سرکار کو راہل نے آئین بدلنے اور ریزرویشن ختم کرنے کے مبینہ منصوبہ پر گھیرا تو بھاگوت نے پینترا سنبھالا اور اور اعلان کیا کہ ریزرویشن کبھی ختم نہیں کیا جائے گا ۔ صدی تقریبات نہ منانے کا اعلان حفظ ماتقدم کے تحت لیا گیا ہے ۔سنگھ نہیں چاہے گا کہ دہائیوں کی محنت کی کمائی کسی ٹکراؤ کی نذر ہوجائے ۔اسے مودی توآئندہ بھی کئی مل جائیں گے لیکن وہ ہندو راشٹر کی ‘پری میچیور ڈیلیوری ‘نہیں چاہتا ۔وہ انتظار کرنے کے حق میں ہے باوجود اس کے کہ گزشتہ دس سالوں میں ہر چھوٹے بڑے مورچہ کی کمان انہیں کے ہاتھ میں ہےلیکن کسی نئی سرکار کے لئے مقابلہ آسان نہیں ہوگا ۔پھر بھی بھاگوت تجربہ کار کمانڈر انچیف کی طرح اپنے سپاہیوں کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتے ۔یہ بالواسطہ دوستی کا ہاتھ ہے ۔کیا بھاگوت کا یہ داؤ چل جائے گا اور وہ سنگھ کو متوقع خطرے سے بچا پائیں گے ؟ اس کا پتہ چار جون کے بعد ہی چل پائے گا۔ شاید بھاگوت نوشتہ دیوار پڑھ رہے ہیں؟

  • مودی کا اصلی کارنامہ -مسلمان سیاسی طور پر بے اثر

    مودی کا اصلی کارنامہ -مسلمان سیاسی طور پر بے اثر

    اس امر میں دو رائے نہیں ہے کہ مئی 2014 میں نریندر مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد ملک کی بیس کروڑ سےزائد مسلم آبادی کو دیگر طبقات ( بشمول عیسائی ، دلت اور قبائل ) کے مقابلے میں سب سے زیادہ مصائب و مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ ان دس برسوں میں مسلمانوں کی جان و مال اور آبرو نیز مذہبی شناخت پر چیرہ دستیوں میں کئی گنا اضافہ ہوا ۔ لنچگ اور بلڈوزر جسٹس ہندتوا سیاسی کلچر میں فرقہ وارانہ سفاکیت کے نئے عنوان بن گئے ۔ آزادی کے بعد سےہی مسلمانان ہند امتیازی سلوک اور فرقہ وارانہ فسادات کی زد میں رہے ہیں ۔ ان کا قا فیہ تنگ کرنے کا سلسلہ آج بھی بلا روک ٹوک جاری ہے۔ یہ کوئی سنسنی خیز انکشاف یا محض الزام نہیں بلکہ ایک دائمی اور تلخ حقیقت ہے کہ پولیس، فوج اور انتظامی شعبوں میں مسلم نمائندگی آج بھی برائے نام ہی ہے ۔ تاہم اس تجزیہ میں گزشتہ دس سالوں میں پارلیمنٹ، صوبائی قانون ساز اسمبلیوں اور حکمرانی کے دیگر آئینی اداروں میں دانستہ طور پر مسلم نمائندگی کو کس طرح کم کیا گیا اس پر روشنی ڈالنے کی کوشش کی گئی ہے۔ شاید آزادی کے بعد یہ پہلا موقعہ ہے جب وفاقی حکومت میں ایک بھی مسلم چہرہ نہیں ہے اور نہ ہی حکمراں جماعت کے دونوں ایوان کے ارکان پارلیمنٹ کی فہرست میں نقوی یا شا ہنواز جیسے نام کا بھی کوئی چہرہ نہیں ہے۔27 ریاستوں میں سے 15 صوبائی حکومتوں میں کوئی ایک وزیر بھی مسلم طبقہ سے نہیں ہے ۔ بقیہ 10 ریاستی حکومتوں میں مسلمان وزیر ضرور ہیں لیکن ان کے پاس اقلیتی امور جیسےغیر اہم قلمدان ہیں ۔ ہندوستان کی کسی بھی ریاست میں کوئی مسلمان وزیر اعلیٰ نہیں ہے۔ اس عرصہ میں انہیں سیاسی طور پر کمزور کرنے کے تمام جتن کیےگئے ۔ملک کی واحد مسلم اکثریتی ریاست جموں و کشمیر کا خصوصی درجہ غیر آئینی و غیر جمہوری انداز سے چھینا گیا اور اسے گزشتہ چھ برسوں سے جمہوری حقوق سے بھی محروم رکھا گیا۔ حالانکہ ملک کی گیارہ ریاستوں کو کسی نہ کسی درجہ میں خصوصی درجہ حاصل ہے لیکن کسی ایک کو بھی چھوا تک نہیں گیا۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں اور تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی اسمبلیوں میں مجموعی طور پر 4908 نشستیں ہیں ۔ جس میں راجیہ سبھا کی 245، لوک سبھا کی 543، ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے قانون ساز اداروں میں بقیہ 4120 نشستیں شامل ہیں ۔ تاہم حکمران بی جے پی، جو خود کو ”دنیا کی سب سے بڑی سیاسی جماعت” کہتی ہے کے تقریباً 1,000 ارکان اسمبلی (ایم ایل اے )میں سے ایک بھی مسلمان نہیں ہے۔ حکمراں جماعت ”سب کا ساتھ، سب کا وکاس” کا نعرہ تو ضرور لگاتی ہے لیکن یہ نعرہ دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے ۔اس کے قول و فعل میں زمین و آسمان کا فرق ہے۔ اس وقت پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ 17 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اسے اکثریت حاصل ہے۔ لیکن چراغ لے کر بھی ڈھونڈنے سے اس کے ارکان کی صف کوئی ایک مسلمان بھی نظر نہیں آئے گا ۔ یہ محض اتفاق نہیں بلکہ دانستہ حکمت عملی کا حصہ ہے۔سیاسی محاذ پر مسلمانوں کو کمزور کرنے میں بہت سے عوامل کا رفرما ہیں ۔ ان میں برہمنی نظام کی علمبردار طاقتوں کا عروج اور سماج کی شدت پسندی بھی شامل ہے۔ ہندوستانی امور کے نامور فرانسیسی تجزیہ کار کرسٹوف جفرلو( Christophe Jaffrelot) ) نے اپنی کتابMajoritarian State: How Hindu Nationalism Is Changing India” میں اس نکتہ کو اجاگر کیا ہے کہ بی جے پی کے عروج کا مطلب ہندوستان میں قانون ساز اداروں میں مسلم نمائندگی کی کمی ہے۔کتاب کے مطابق1980 اور 2014 کے درمیان ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں میں مسلم اراکان کی تعدادبہت زیادہ کم ہو گئی ہے۔ یہ تنزل اس لحاظ سے بھی سب سے زیادہ اہم ہے کہ اسی عرصے کے دوران ہندوستانی آبادی میں مسلمانوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ نتیجتاً ان کی آبادی کا تناسب (جو 11.1 سے بڑھ کر 14.2% ہو گیا) اور لوک سبھا میں ان کے منتخب نمائندوں کے درمیان فرق پانچ گنا بڑھ گیا۔ اس سیاسی تنزل کے لیئے بنیادی طور پر بی جے پی ہی ذمہ دار ہے جس نے بہت کم مسلم امیدواروں کی حمایت کی ہے ۔ خیال رہے 1980 میں 7ویں لوک سبھا انتخابات میں 49 کے قریب مسلمان ایوان زیریں کے لیے منتخب ہوئے تھے جو آج تک کا ایک ریکارڈ ہے ۔ تاہم بی جے پی کی فرقہ وارانہ سیاست کو جیسے جیسے عروج حاصل ہوتا گیا ویسے ویسے مسلمانوں کی نمائندگی گھٹتی چلی گئی۔ جب کہ 2014کی 16ویں لوک سبھا میں محض 22 مسلمان ہی منتخب ہوپائے نیز سب سے بڑی ریاست اتر پردیش، جہاں سب سے زیادہ مسلم آبادی ہے، وہاں سے ایک بھی مسلمان کامیاب نہیں ہو پایا ۔ یہ فرقہ وارانہ لہر کی شدت کا نتیجہ تھا۔ یہ وہی ریاست ہے جہاں سے 1980 کے الیکشن میں 18 مسلم امیدوار کامیاب ہوئے تھے ۔ اس ریاست کو آزادی کے بعد سے سب سے زیادہ مسلم نمائندے بھیجنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ گوکہ موجودہ 17ویں لوک سبھا میں مسلم اراکان کی تعداد میں قدرے بہتری ہوئی ہے جو کہ اس وقت 27 ہے۔لیکن 2017 کے اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں مسلم نمائندگی 2012 میں 17.1 فیصد سے گھٹ کر محض 5.9 فیصد ہی رہ گئی تھی۔ماضی میں انتظامی سطح سےمسلم نمائندگی کو کم کرنے کی کوشش بھی ہوتی رہی ہے- ان کوششوں میں قابل لحاظ مسلم آبادی والے انتخابی حلقے، شیڈول کاسٹ یا شیڈول ٹرائبس کے لیےمحفوظ کردینا اور انتخابی حلقوں کی حد بندی کچھ اس طرح کرنا کہ مسلم ووٹوں کی تعدادبے وزن ہوکر رہ جائے۔ ان دس سالوں میں جموں و کشمیر اور آسام (جو 35 فیصد کے ساتھ ملک میں دوسری بڑی مسلم اکثریت والی ریاست ) میں نئے حدبندی کمیشن کے ذریعہ انتخابی حلقوں کی تراش خراش کچھ اسی طرز پر کی گئی کہ مسلم نمائندگی گھٹ جائے۔ جموں و کشمیر کے ساتھ ایک اور بڑی ناانصافی اور ظلم یہ کیا گیا کہ ریاست کو دو حصوں میں تقسیم کرکے اسے مرکز کے زیر انتظام لے لیا گیا۔ اقلیتوں سے متعلق ادارے جیسے قومی اقلیتی کمیشن، قومی کمیشن برائے اقلیتی تعلیمی ادارہ جات وغیرہ کو عضو معطل بنا دیا گیا یا ان کے عہدوں سے مسلمانوں کو ہٹادیا گیا۔ اس کے علاوہ بعض فعال مسلم تنظیموں پر بلا کسی ٹھوس ثبوت کے پابندی لگا دی گئی جن میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا قابل ذکر ہے ۔ دراصل یہ دوسری مسلم تنظیموں کے لئے بھی ایک انتباہ ہے۔ اٹل بہاری واجپائی کے زیر قیادت بی جے پی کے پہلے دور حکومت میں 2001 میں اسٹوڈنٹس اسلامک مومنٹ آف انڈیا اور کچھ دیگر ملی تنظیموں پر پابندی عائد کرکے انہیں غیر قانونی قرار دیا گیا تھا اور اب تک اس تنظیم پر آٹھ بار پابندی لگائی جاچکی ہے، جن میں سے سات معاملے2001 سے سپریم کورٹ میں پر ابھی تک زیر التوا ہیں ۔ مسلمانوں کے سیاسی زوال کے محرکات پر روشنی ڈالتے ہوئے ملی گزٹ کے ایڈیٹر اور دہلی اقلیتی کمیشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر ظفر الاسلام خان کہتے ہیں کہ "اس کا سلسلہ آزادی سے پہلے ہی شروع ہو گیا تھا جب برٹش دور حکومت میں داخلی حکمرانی کے دور میں کانگریس نے مسلم لیگ کے وجود کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا ۔ اس پالیسی نے آزادی کے بعد ٹھوس شکل اختیار کرلی جب مسلم تحفظات یا ریزرویشن کو ختم کر دیا گیا۔ سرکاری سطح پر اردو کو دفتری زبان کے طور پر ختم کر دیا گیا اور اردو میڈیم سرکاری اسکولوں کو ختم کر دیا گیا۔ آزادی کے بعد ہندوستان ہجرت کرنے والے غیر مسلموں کو ”مہاجرین” کے طور پر خوش آمدید کہا گیا جب کہ ہندوستان واپس آنے والے مسلمانوں کے ساتھ ‘ غیر ملکی ” کے بطور پر سلوک کیا گیا، جنہیں ہندوستان واپس آنے کے لیے خصوصی اجازت نامے کی ضرورت تھی۔ 1950 کے آرڈر کے ذریعے مسلم اور عیسائی دلتوں کے تحفظات کو یکلخت ختم کر دیا گیا۔ ان تمام دہائیوں میں پارلیمنٹ اور مقننہ میں مسلمانوں کی نمائندگی بمشکل ان کے حق کا ایک تہائی ہی رہی ہے۔ پچھلی تین دہائیوں میں زیادہ ترفرضی دہشت گردی کے مقدمات میں مسلم نوجوانوں کو پھنسایا گیا ۔ سرکاری ملازمتوں میں مسلمانوں کی بھرتی آبادی میں ان کے تناسب کاچار فی صد بھی نہیں رہی ۔ سچر کمیٹی نے 2006 میں اپنی رپورٹ میں یہ حقیقت وا کردی کہ مسلمان بعض شعبوں میں ایس سی/ایس ٹی سے بھی نیچے چلے گئے ہیں ۔” یہ ایک تاریخی حقیقت ہے کہ نمائندگی کے معاملے میں کانگریس بھی کچھ مختلف نہیں تھی۔ 1947 میں ملک بھر میں اے آئی سی سی کے1000 ارکان میں سے صرف 3 فیصد مسلمان تھے۔ جب اس دور کی مسلم لیگ نے کہا کہ کانگریس ایک ’’ہندو پارٹی‘‘ ہے تو یہ طعنہ بیجا نہیں تھا ۔ 1980 اور 1990 کی دہائیوں میں بی جے پی نے ایسا ہی انداز اپنایا۔ ڈاکٹر خان نے نشاندہی کی کہ 2014 کے بعد سے بی جے پی کے دور حکومت میں صور ت حال مزید خراب ہوگئی ہے۔ اگر پہلے کی حکومتوں نے ہندوستانی مسلمانوں کو پسماندہ کرنے کی ٹھوس پالیسی پر عمل کیا تو ہندوتوا کھلے عام ہندوستانی مسلمانوں (اور عیسائیوں ) کو دوسرےدرجہ کا شہری بنانے کی وکالت کرتا ہے۔ 2002 میں گجرات کے مسلم کش فسادات کو کوئی بھولا نہیں ہے۔ اس کے بارے میں کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی نے گجرات کے اس وقت کے وزیر اعلی کو ـ موت کے سوداگر سے تشبیہ دی تھی جو مسلمانوں کو ان کے لباس سے پہنچانے کا بھرے جلسہ میں مشورہ دے چکے ہیں ۔ آزاد ہندوستان میں پہلی بار حکمران جماعت کے پاس ایک ٹوکن مسلم وزیر یا ایم پی بھی نہیں ہے۔ مسلمانوں کو فائدہ پہنچانے والی سابقہ حکومتوں کی شروع کی گئی اسکیموں کو آہستہ آہستہ ختم کیا جا رہا ہے۔ مسلم پرسنل لاء کو آہستہ آہستہ ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ مدرسہ بورڈوں کے تحت قائم مدارس کو ختم کیا جا رہا ہے، جیسا کہ اتراکھنڈ، آسام، اور اب یوپی سے خبریں آرہی ہیں ۔ کئی علاقوں میں مساجد، مزارات اور مدارس کو منہدم کیاجا رہا ہے۔ حکومت کے حامی میڈیا کی طرف سے مسلمانوں کو رسوا کرنے کا معاملہ اب ایک معمول کی شکل اختیار کر گیا ہے۔ احتجاج کرنا، ہر ہندوستانی کا جمہوری حق ہے لیکن یہ مسلمانوں کے لیے اب انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔ اپنے جمہوری حقوق کا استعمال کرنے والوں کو گرفتار کر لیا جاتا ہے اور ان کے گھروں اور دکانوں کو منہدم کرنا معمول بن گیا ہے۔ منڈل سیاست یا سماجی انصاف کی سیاست کمزور ہو نے سے شمالی ہند کی ریاستوں جیسے یوپی، بہار اور جھارکھنڈ میں بی جے پی کے ابھار میں اہم کردار ادا کیا۔ ترکی میں مقیم صحافی افتخار گیلانی کے بقول ہندوؤں کی درمیانی اور نچلی ذاتیں جو مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہوتی تھیں ، اب ایسا نہیں کر رہ ہی ہیں ۔ یہ لوگ اب تعلیم یافتہ ہیں اور یوپی اور بہار میں او بی سی اکثریتی حکومتوں کی پالیسیوں کی بدولت سرکاری اور نجی شعبے میں اہم عہدوں پر فائز ہیں ۔ اب وہ ایک خواہش مند طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اور تعلیم اور کامیابی کے معاملے میں اعلیٰ ذات کے درجے تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ ان کا مسلمانوں سے کوئی تعلق نہیں ہے، جو حالیہ برسوں میں تیزی سے پسماندہ ہو گئے ہیں ۔ خواہشمند طبقہ اس شخص کو دیکھتا ہے جو ان سے آگے ہے نہ کہ پیچھے والے کو۔ مسلم کمیونٹی میں ایسی کوئی چیز نہیں ہے جو دوسروں کو ان کی تقلید کرنے یا ان کے ساتھ سماجی طور پر اتحاد قائم کرنے کی ترغیب دے۔ دلت اپنے امیدوار کو ووٹ دیں گے، لیکن اگر ان کا اپنا امیدوار کمزور ہے، تو وہ بی جے پی کی طرف چلے جائیں گے، اور یہی بات او بی سی میں بھی ہے۔ایسے ہی خیالات کا اظہار تجزیہ کار قمر اشرف نے بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے سیاسی نظام سےمسلمانوں کا اخراج ان کے ساتھ غیرملکی جیسا سلوک کیے جانے کے وسیع رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔ اشرف کے مطابق کانگریس کے ”ہندو اکثریت پسندی” کی طرف مسلسل قدم نے ہندوستان میں دائیں بازو کی سیاست کے ابھرنے کی راہ ہموار کی ہے۔ ڈاکٹر خان کے مطابق "ہندوتوا کے وسیع ترپروپیگنڈے کا یہ اثر ہے کہ مسلمانوں کے جائز حق میں اٹھایا گیا کوئی بھی قدم یا بیان ”مسلمانوں کی خوشنودی” قرار پاتاہے۔ کمیونسٹ پارٹیوں کے علاوہ تمام سیاسی جماعتیں مسلمانوں سے فاصلہ بنائے رکھتی ہیں ۔ مسلمانوں کو اب پارٹی عہدے نہیں دیے جا تے، ریلیوں کے دوران کسی بھی اسٹیج پر موجود رہنے کے لیے نہیں کہا جاتا یا اور انتخابات کے دوران صرف مہم چلانے والوں کے طور پر کام کرنے کو کہا جاتا ہے ۔ یہ ہندوتوا ایجنڈے کی بڑی کامیابی ہے۔ اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ اگر دوسری پارٹیاں ہندوستان پر حکومت کرنے آئیں گی تو بھی مستقبل قریب میں منظر نامہ کچھ زیادہ نہیں بدلے گا۔ مسلمان تمام سیاسی پارٹیوں کے لیے بیگانہ رہیں گے۔‘‘قمر اشرف بھی یہی خیال ہے کہ ’’میڈیا نے مسلمانوں کو بدنام کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، جس سے وہ سماجی طور پراب تنہا محسوس کرنے لگے ہیں ۔ میڈیا کا ایک اہم حصہ ’’انتخابی فتح‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے مسلمانوں کے خلاف حکومت کے امتیازی اقدامات کا دفاع کرتا ہے۔ درحقیقت میڈیا نے ’’جمہوریت اور موبوکریسی‘‘ کے درمیان کی لکیر کو تیزی سے دھندلا کر دیا ہے۔ جب کہ ٹیلی ویژن چینلوں پر شاذ و نادر ہی کسی مثبت موضوع پر بحث ہوتی ہے ۔ پرنٹ میڈیا کے منظر نامے میں خواتین، درج فہرست قبائل اور درج فہرست ذاتوں کی نمائندگی پر بحث میں یہ بتایا جاتا کہ ہے مسلمان اس پر قابض ہیں ۔ حکمراں بی جے پی اور اپوزیشن پارٹیاں دونوں نے عوامی سطح پر مسلمانوں کی حمایت کرنے سے کنارہ کشی اختیار کر رکھی ہے۔ حکمراں جماعت اور ارباب اقتدار بغیر کسی عار کے مسلمانوں کو کھلے عام نشانہ بناتے ہیں اور اپنے منصب کے منافی بیانات دیتے ہیں ، ان میں وزیراعظم سمیت بعض وفاقی وزراء اور بعض وزرا ء اعلی جیسے یوگی آدیناتھ ، ہیمنت بسوا سرما شامل ہیں جنہوں نے کمیونٹی کے خلاف ایک معاندانہ ماحول پیدا کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ اس کے ذریعہ مسلم مخالف جذبات کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ڈاکٹر خان کے مطابق ہندوستانی مسلمانوں کی درماندگی اتنی شدید کبھی نہیں تھی جتنی کہ اب ہے ۔وہ متنبہ کرتے ہیں کہ اگر مودی کو انتخابات میں دوبارہ بر سر اقتدار آنے کا موقع ملتا ہے تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں ۔ تاہم اس سلسلہ میں سابق ہاکی اولمپیئن اور مرکزی وزیراسلم شیر خان ذرا مختلف موقف رکھتے ہیں ۔ وہ مدھیہ پردیش کے بیتول حلقہ سے پانچ بار پارلیمانی انتخاب لڑ چکے ہیں جن میں انہیں دو بار کامیابی ملی۔وہ کہتے ہیں سیاست میں مسلم کمیونٹی کے زوال کی دو اہم وجوہات ہیں : پہلی، انہوں نے بابری مسجد کے انہدام کے بعد کانگریس پارٹی سے بڑی حد تک ترک تعلق کرلیا اور اپنے ووٹوں کو بی ایس پی، ایس پی اور دیگر جماعتوں میں تقسیم کر کے کانگریس پارٹی کو دوبارہ اقتدار حاصل کرنے سے روکا۔ دوسرے،1980 کی دہائی کے بعد پارٹیوں کے ذریعہ امیدوار منتخب کرنے کے معیار میں تبدیلی آئی ۔ اب سماج میں اچھی ساکھ اور ایماندار شخص کی جگہ کروڑ پتی اور طاقتور افراد کو ٹکٹ دیا جانے لگا کہ وہ مارکیٹ سے کتنے ووٹ خرید سکتا ہے اور کتنی دھونس و دھاندلی کی طاقت رکھتا ہے۔ ان کے خیال میں کمیونٹی کو مایوسی سے باہر نکلنے اور خود اعتمادی کا دوبارہ مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ اپنی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیتول حلقہ میں صرف چار فیصد مسلم ووٹ ہیں لیکن وہ اس سیٹ سے دو بار سر خرو ہوئے ۔ اسلم خان کے بقول تقریباً 150 سیٹوں پر مسلم ووٹوں کی اہمیت ہے اور وہ ہندوستان کو پھر سے صحیح سیاسی راہ پر ڈالنے کی صلاحیت اور حو صلہ رکھتے ہیں ۔

  • ہندتو اکے بڑھتے ہوئے سائے

    ہندتو اکے بڑھتے ہوئے سائے

    عبدالباری مسعود

    اظہار رائے اور اختلاف رائے کی آزادی کسی بھی جمہوری نظام حکومت کی اصل روح ہوتی ہے لیکن ہمارے ملک میں مئی 2014 میں جب سے نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی کی حکومت بر سر اقتدار آئی ہے تب سے حکومت کی پالیسوں سے اختلاف کرنا ، اس پر تنقید کرنا ایک’ سنگین جرم‘ بن گیا ہے ۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ کوئی جمہوری ملک نہیں بلکہ ایک پولیس اسٹیٹ ہے ۔ ایک طرف اختلاف رائے کرنے والوں کو فوراً ’’ ملک دشمن‘‘،’’ قوم دشمن‘‘ اور’’ پاکستان حامی‘‘ قرار دے دیا جاتا ہے تو دوسری طرف تعزیرات ہند کی دفعہ 124(A) ( بغاوت) کے تحت اور انسداد دہشت گردی کے ترمیم شدہ سخت قانون یو اے پی اےکے تحت تھوک کے حساب سے مقدمے دائر کئے جاتے ہیں۔ جس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ان تعزیری دفعات کا مخالفین بالخصوص ملک کے دوسرے بڑے مذہبی طبقہ کے افراد کے خلاف اس بیدردی اور ظالمانہ طریقہ سے اطلاق کیا جارہا ہے جیسے آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی ختم ہوچکی ہے۔
    ایک مثال کرناٹک کے تاریخی شہر بیدر میں شاہین پرائمری اسکول کی ہے، جہاں متنازع اور امتیازی شہریت ترمیم قانون یا سی اے اے Citizenship Amendment Act اور این آرسی اور این پی آر کے خلاف ایک ڈرامہ پیش کیا گیا تھا، جسے بچوں نے پیش کیا تھا اور اس ڈرامہ میں وزیراعظم نریندر مودی کے بارے میں مبینہ طور پر بعض اہانت آمیز مکالمے تھے۔ بس کیا تھا کہ کرناٹک کی پولیس جہاں بی جے پی بر سر اقتدار ہے، فوراً حرکت میں آئی یہاں تک کہ معصوم بچوں کو جو اس ڈرامہ کے کردار تھے ‘ کی بھی بار بار باز پرس کی گئی۔ صدر معلمہ فریدہ بیگم ، طالبہ کی والدہ اور ٹیچر نجیب النساء اور اسکول انتظامیہ پر غداری کامقدمہ دائر کردیا ۔ ان دونوں معلمات کو بیدر پولیس نے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا ۔ یہ دونوں خواتین دوہفتہ جیل میں رہنے کے بعد ضمانت پر رہا ہوئیں ۔
    اس سے پہلے جواہر لعل نہرویونیورسٹی کے ریسرچ اسکالر شرجیل امام پر بھی غداری کا مقدمہ قائم کیا گیا ۔ ان کا قصور یہ ہے کہ سی اے اے کے خلاف تقریروں میں انہوں نے آسام میں مسلمانوں کی حالت زار کا معاملہ اٹھایا اور اسے حل کرنے کی جہت میں یہ مشورہ دیا کہ آسام اور پورے شمال مشرقی ہند کا راستہ روک کر بقیہ ملک سے کاٹ دیا جائے، جب ہی حکومت کے کان پر جوں رینگے گی۔ یہ اتنا بڑا ’جرم‘ بن گیا کہ نہ صرف دہلی میں بلکہ آسام ، ارونا چل پردیش اور یوپی میں بھی ان کے خلاف دفعہ 124(A) کےتحت مقدمہ دائر کردیا گیا ۔ اس پر ہی بس نہیں کیا گیا۔شرجیل پر انسداد دہشت گردی کا سخت ترین قانون یو اے پی اے لگا دیا گیا۔ اب اسے آسانی سے ضمانت بھی نہیں ملے گی۔ ستم بالائے ستم یہ کہ شرجیل کی حمایت میں کوئی بھی سامنے نہیں آیا ۔ روشن خیال سے لے کر قدامت پسند تمام مسلمان اور حقوق انسانی کے کارکن خاموش ہیں ۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال بھی بہ و جوہ الیکشن شرجیل کو پس زنداں دیکھنا چاہتے تھے۔ بمبئی میں ٹرانس جینڈروں ( تیسری جنس ) نے ایک احتجاجی جلوس نکالا جس میںٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنسیز کے طالب علم اروشی چوڑاوالا ( ٹرانس جینڈر) نے ہمت کرکے شرجیل کے حق میں نعرے لگائے ۔ یہ ان کے لئے آفت کا سبب بن گیا ۔ انہیں بھی دفعہ 124(A) کے تحت گرفتار کرلیا گیا۔ لیکن بامبے ہائی کورٹ نے اسے بچالیا اور نچلی عدالت کے فیصلہ کو رد کردیا۔ اس سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ نچلی عدالتیں کس طر ح اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں۔ اب دہلی پولیس نے جامعہ ملیہ اسلامیہ میں اپنی زیادتیوں اور پرتشدد کارروائیوں پر پردہ ڈالنے کی غرض سے شرجیل کو ’’ ماسٹر مائنڈ‘‘ بنایا ہے۔
    ممتاز دانشور ، پروفیسر اپوروا نند نے انڈین ایکپریس میں اپنے ایک مضمون میں شرجیل کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ’’ اگر شرجیل تشدد پر اکسانے کی بات نہیں کرتا ہے تو ہم اس کے بیانات سے اتفاق و عدم اتفاق کرسکتے ہیں۔ اس نے اپنی تقریروں میں ہندوستان کے ٹکڑے کرنے کی بات نہیں کی ہے۔ وہ سڑک بندکرنے کی بات کررہا تھا۔ ہندوستان میں کب سے روڈبلاک کرنے کا معاملہ غداری کا معاملہ بن گیا ہے ۔ کیا شرجیل کا یہ کہنا غلط ہے کہ اس کی تقریر کا مواد نہیں بلکہ اس کا نام اس کے خلاف جاتا ہے ؟ یہ کہنے کی بھی ضرورت نہیں کہ اگر ریاست ( حکومت ) اس کی تقریر سے اختلاف رکھتی ہے تو وہ بغاوت کے الزامات عائد کرنےکی بنیاد کسی بھی حال میں نہیں ہونا چاہیے۔ ‘‘
    مرکزی وزراء گری راج سنگھ، انوراگ ٹھاکر، کرشن ریڈی وغیرہ کی روز مرہ کی اشتعال انگیزی بالخصوص کو ’ گولی مارو ان غداروںکو! ‘ جیسا تشدد پر اکسانے والی نعرےبازی کے باوجود ان پر کوئی کارروائی نہ ہونے کاذکر کرتے ہوئے ، پروفیسر آنند نے کہا کہ ــ’’ ہندوستان میں جہاں مسلمانوں کے خلاف تشدد کرنے کی کھلے عام دعوت دینے والے ‘جن میں وزراء اور سیاسی لیڈران بھی شامل ہیں اور مسلمانوں کے خلاف کھلے عام پروپیگنڈا کرنے والوں کو جذبات و احساسات کے اظہار کا فطری ردعمل سمجھا جاتا ہے‘ وہاں شرجیل جیسے افراد کو دبانے اور کچلنے پر حیرت نہیں ہونی چاہیے۔‘‘ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے اعداد و شمار کے مطابق 2015سے 2018کے درمیان چار سالوں میں 291 بغاوت کے مقدمات دائر کئے گئے ۔ اس کے علاوہ شمال مشرقی ریاست آسام میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے 251 افراد پر اس دفعہ کے تحت مقدمات قائم کئے گئے ۔ ان میں سماجی کارکن اکھل گوگوئی، دانشور پروفیسر گوہین بھی شامل ہیں۔
    ملک میں اظہار رائے کی آزادی پر جس طرح کے پہرے لگائے جارہے ہیں، اس پر سپریم کورٹ کے بر سرکار جج جسٹس دھننجئے وائی چندر چوڑ نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ گوہاٹی ہائی کورٹ میں جسٹس پی ڈی میموریل لیکچر دیتے ہوئے جسٹس چندر چوڑ نے خبردار کیا کہ ملک کی تکثیریت ( مذہبی و تہذیبی بوقلمونی) کو بڑا خطرہ اختلافی اور مخالف آوازوں کو دبانے اور خاموش کرنے سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ دانشوری کو دبانا قوم کے ضمیر کو دبانے کے مترادف ہے۔ ان کے مطابق ہندوستان صدیوں سے مختلف مذاہب اور تہذیبوں کا گہوارہ رہا ہے ۔ اختلاف رائے کرنے والوں کو ’قوم دشمن‘ ، یا جمہوریت دشمن‘ قرار دینا دراصل ہمارے آئینی اقداروں کے تحفظ اور جمہوری بحث ومباحثہ کو فروغ دینے کے لئے ہم نے جو ایفائے عہد کیا ہے یہ اس پر راست حملہ ہے ۔
    بغاوت کا یہ قانون انگریزوں کی استعماری حکومت نے اپنے اقتدار کے تحفظ کے لئے وضع کیا تھا۔ اس ازکار رفتہ قانون کی ایک جمہوری حکومت میں کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ کیدار ناتھ سنگھ بنام ریاست بہار مقدمہ میں سپریم کورٹ نے یہ واضح طور پر کہہ دیا کہ اس دفعہ کا اطلاق اسی صورت میں ہوگا جب کوئی ملک کو توڑنے کے لئے لوگوں کو تشدد پراکسائے گا۔ اسی طرح اظہار رائے کی آزادی کے بارے میں متعدد عدالتی فیصلے ہیں جس میں یہ تسلیم کیا گیا ہے کہ اختلاف رائے کی آزادی کسی بھی جمہوریت کے لئے ناگزیر اور بنیادی عنصر ہے ۔ مگر بی جے پی کی مرکزی اور صوبائی حکومتیں ان کو بری طرح پامال کر رہی ہیں۔ اور اپنے مخالفین پر اس دفعہ کا بے دریغ استعمال کر رہی ہیں۔
    چنانچہ بیدر کے کیس کے حوالے سے سپریم کورٹ میں مفاد عامہ کی ایک پیٹیشن دائر کی گئی ہے کہ معلمات کے خلاف درج ایف آئی آر کو خارج کیا جائے ۔سپریم کورٹ میں اس معاملہ کی پوری تفصیل پیش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ نجیب النساء پر یہ الزام ہے کہ اس کی گیارہ سالہ بیٹی نے ڈرامہ میں وہ مکالمے ادا کئے جو وزیراعظم کے لئے اہانت آمیز تھے‘ جسے اس نے سکھائے تھے ، فریدہ بیگم کو اس لئے ملزم بنایا گیا کہ ان کی نگرانی میں یہ ڈرامہ پیش کیا گیا۔ پیٹشین میں یہ دلیل پیش کی گئی کہ ایک آزاد ملک میں کرناٹک پولیس ایک علمی گفتگو اور بغاوت کے درمیان فرق کرنے میں ناکام رہی۔ جب کہ سپریم کورٹ نے اپنے متعدد فیصلوں کے ذ ریعہ یہ اصول طے کردیا کہ کسی بھی شکل میں پرامن طریقہ سے اظہار رائے کی آزادی کو بغاوت سے تعبیر نہیں کیا جاسکتا۔ یہ کیس نہ صرف پورے ملک بلکہ دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بنا ہےاور کرناٹک کی بی جے پی حکومت اس کے لئے ہر طرف سے ملامت کا ہدف بنی ۔
    بی جے پی کے ایک کارکن کی شکایت پر بیدر پولیس نے ایک مسلم اسکول کے خلاف اتنا سخت قدم اٹھایا اس کے برعکس اسی ریاست کے آر ایس ایس کے زیر انتظام کلکڑا شہر میں واقع Kalladka Prabhakar Bhat’s school بابری مسجد کے انہدام کے ڈرامہ رچنے والوں کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا جبکہ اس کی باضابطہ شکایت بھی کی گئی۔ مارکسی کمیونسٹ پارٹی کی رہنما اور سابق رکن پارلیمان برندا کرات نے کہا کہ ایک بچہ اپنی معصومیت میں ایک ڈرامہ کے دوران کچھ بیان کرتا ہے جس کے نتیجہ میں ان کی ماں اور معلمہ کو گرفتار کرلیا جاتا ہے ۔ ان پر غداری کا الزام عائد کیا جاتا ہے جو یہ انتہائی مضحکہ خیزقدم ہے۔ کرات ان خواتین کو ملنے گئی تھیں انہیں ڈھارس دلائی تھی۔ موقر روزنامہ’ ہندو‘ کی سابق مدیر مالنی پارتھاساتھی نے اپنے ایک مضمون میں لکھا کہ آ رایس ایس کا ’’ راشٹر واد کے بارے میں جو خوفناک تخیل ہے اس سے ملک کی جمہوریت کو خطرہ لا حق ہے۔
    ٭٭٭

    ملک میں اظہار رائے کی آزادی پر جس طرح کے پہرے لگائے جارہے ہیں، اس پر سپریم کورٹ کے بر سرکار جج جسٹس دھننجئے وائی چندر چوڑ نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ گوہاٹی ہائی کورٹ میں جسٹس پی ڈی میموریل لیکچر دیتے ہوئے جسٹس چندر چوڑ نے خبردار کیا کہ ملک کی تکثیریت ( مذہبی و تہذیبی بوقلمونی) کو بڑا خطرہ اختلافی اور مخالف آوازوں کو دبانے اور خاموش کرنے سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ دانشوری کو دبانا قوم کے ضمیر کو دبانے کے مترادف ہے۔ ان کے مطابق ہندوستان صدیوں سے مختلف مذاہب اور تہذیبوں کا گہوارہ رہا ہے ۔ اختلاف رائے کرنے والوں کو ’قوم دشمن‘ ، یا جمہوریت دشمن‘ قرار دینا دراصل ہمارے آئینی اقداروں کے تحفظ اور جمہوری بحث ومباحثہ کو فروغ دینے کے لئے ہم نے جو ایفائے عہد کیا ہے یہ اس پر راست حملہ ہے ۔

  • ’لوجہاد‘ پرحکومت کے دوہرے پیمانے

    ’لوجہاد‘ پرحکومت کے دوہرے پیمانے

    معصوم مرادآبادی

    ملک کے سب سے بڑے صوبے اترپردیش میں ’ لوجہاد‘ کے خلاف جو نیا قانون وجود میں آیا ہے، اس کے تحت صرف مسلمانوں کوہی نشانہ بنایا جارہا ہے۔حالانکہ بی جے پی یہ کہتی ہے کہ وہ مذہب کی بنیاد پر کسی کے ساتھ کوئی بھیدبھاؤ نہیں کرتی اور سب کو ایک ہی نظر سے دیکھتی ہے لیکن سچائی یہ ہے کہ بی جے پی کے اقتدار میں مسلمانوں کودوسرے درجہ کا شہری بنانے اور انھیں دیوار سے لگانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا جارہا ہے۔یوں تو جبسے مرکز میں بی جے پی مکمل اکثریت کے ساتھ اقتدار میں آئی ہے ،تب سے مسلمانوں کا جینا حرام کرنے کے ہزاربہانے ایجاد کئے گئے ہیں ۔ مسلمانوں کو ہراساں کرنے کے لئے نئے نئے قانون وجود میں آرہے ہیں۔ اس کا تازہ ترین ثبوت نام نہاد ’لوجہاد‘ کے خلاف یوپی میں لایا گیا وہ آرڈی نینس ہے جس میں تبدیلی مذہب کو غیرقانونی قرار دیتےہوئے بین مذاہب شادیوں کو قابل سزا جرم قرار دے دیا گیاہے۔ جس وقت اس قسم کا قانون بنانے کی باتیں ہو رہی تھیں ، تبھی یہ کہا گیا تھا کہ اس کے ذریعہ صرف مسلمانوں کو ہی ہراساں کیا جائے گا، کیونکہ ’ لوجہاد‘ کی اصطلاح مسلمانوں کو نظر میں رکھ کر ہی ایجاد کی گئی ہے۔
    تعجب کی بات یہ ہے کہ بین مذاہب شادیوں کو روکنے کے لئے یوپی میں جو دستور مخالف آرڈی نینس لایا گیا ہے، اس میں کہیں’ لوجہاد‘ کا ذکر نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی حکومت کے پاس اس کے کوئی اعداد وشمار موجود ہیں۔ دراصل اس قانون کا بنیادی مقصد کسی بھی صورت میں مسلم نوجوانوںکوہندولڑکیوںسےشادی کرنے سے باز رکھنا ہے۔حالانکہ نئے آرڈی نینس میں مسلمانوں کی ہندولڑکیوں سے اورہندولڑکوں کی مسلمان لڑکیوں سے شادیاں روکنے کی بات کہی گئی ہے ، لیکن اس معاملے میں یوپی پولیس صرف ان مسلمان لڑکوں کے خلاف ہی کارروائی کررہی ہے جو ہندو لڑکیوں سے شادیاں کررہے ہیں اور جو ہندو لڑکے مسلمان لڑکیوں کو اپنے جال میں پھانس رہے ہیں ، ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔ اس کا ثبوت گذشتہ ہفتہ کے دوواقعات سے ملتا ہے۔
    یوپی پولیس نے نئے آرڈی نینس کے تحت اب تک چھ کیس رجسٹر کئے ہیں اور دس لوگوں کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ لیکن اس معاملے میں چوبیس گھنٹوں کے اندر روشنی میں آنے والے دوکیسوں کا مطالعہ کرنے سے صورت حال پوری طرح واضح ہوجاتی ہے کہ پولیس کس طرح اس آرڈی نینس کو صرف مسلمانوں کے خلاف استعمال کررہی ہے۔گذشتہ ہفتہ بریلی پولیس نے ایک مسلمان باپ کی اس شکایت پر کوئی کارروائی نہیں کی کہ ایک ہندو نوجوان نےاس کی بیٹی کے ساتھ زبردستی اس کا مذہب تبدیل کرکے شادی کرلی ہے۔ پولیس نے کہا کہ اسے پتہ چلا ہے کہ یہ شادی گزشتہ ستمبر کے مہینے میں اس آرڈی نینس کے وجود میں آنے سے پہلے ہوئی تھی۔اس لئے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ لیکن اس کے برعکس پولیس نے مرادآباد میں ایک مسلم نوجوان کو اس وقت گرفتار کرکے جیل بھیج دیا جب وہ گزشتہ جولائی میں ہوئی اپنی شادی رجسٹر کرانے کچہری آیا تھا۔ اس مسلم نوجوان نے ایک ہندو لڑکی مسکان سے اسکی مرضی کے مطابق شادی کی تھی اوراس لڑکی نے اپنی مرضی سے مذہب تبدیل کیا تھا ، لیکن پولیس نے اسےغیرقانونی تبدیلی مذہب اور شادی کا کیس بناکر لڑکے اور اس کے بھائی کو جیل بھیج دیا جبکہ لڑکی کو شیلٹر ہوم بھیج دیاگیا جہاں انتہاپسند ہندو تنظیموں کے نوجوانوں نے اس کے ساتھ دھکامکی کرکے اس کا حمل ضائع کرانے کی کوشش کی۔ لڑکی اس وقت سخت تکلیف میں ہے اور وہ ہندو تنظیموں کی تمام اچھل کود کے باوجود اپنی سسرال چلی گئی ہے۔
    اصولی اور قانونی طور پر ’لوجہادقانون ‘ کا نفاذان سبھی لوگوں پر ہونا چاہیئےجو شادی کے لئے جبرا مذہب تبدیل کریں،لیکن اس قانون کو پوری بے شرمی کے ساتھ صرف مسلمانوں کے خلاف ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیاجارہاہے۔ یعنی اگر کوئی مسلمان لڑکا کسی ہندو لڑکی سے شادی کرتا ہے تو اس کے خلاف پوری سرکاری مشینری سرگر م ہوجاتی ہے اور اسے فوری طور پر جیل بھیج دیا جاتا ہے اور اگر کوئی ہندو لڑکا کسی مسلمان لڑکی سے شادی رچاتا ہےتو اس کے ساتھ نرمی کا سلوک کیا جاتا ہے اور اس معاملے میں نئے آرڈی نینس کو استعمال میں نہیں لایا جاتا۔ اتناہی نہیں جارحیت پسند ہندو تنظیموں کی شکایت پر اب ایسی شادیوں کو بھی روکنے کی کوششیں کی جارہی ہیں جن میںدولہا دلہن دونوں مسلمان ہیں۔گزشتہ ہفتہ اترپردیش کے کشی نگر علاقہ میں ایسی ہی ایک شادی کو پولیس نے ہندو یوواواہنی کی شکایت پر روک دیا جس میں لڑکی اور لڑکا دونوں ہی مسلمان تھے۔ ہندو یووا واہنی اترپردیش کے وزیراعلی ٰیوگی آدتیہ ناتھ کی قائم کی ہوئی ایک ایسی جارحیت پسند تنظیم ہے جس نے مشرقی یوپی میں مسلمانوں کا جینا حرام کررکھاہے۔ اس تنظیم کو اب بھی وزیراعلیٰ کا ’’ آشیرواد‘‘ حاصل ہے، اس لئے پولیس اور سرکاری مشینری اس کو ایک مساوی سرکارکے طور پر دیکھتی ہے۔
    اترپردیش کا کشی نگر علاقہ ہندو یوا واہنی کی سرگرمیوں کا خاص مرکز ہے اور یہاں اس کی مساوی حکومت قائم ہے۔اسی کشی نگر میں گزشتہ ۱۰ دسمبر کوواہنی کے کارکنوں نے پولیس کو اطلاع دی کہ ایک مسلمان لڑکا ہندو لڑکی کا مذہب تبدیل کرکے اس کے ساتھ شادی رچا رہا ہے۔ پولیس فوراً حرکت میں آگئی اور اس نے آناً فاناً دولہا حیدر علی کوگرفتار کرلیااور اسے تھانے میں لے جاکر چمڑے کی بیلٹ سے بری طرح پیٹا اور ٹارچر کیا۔ یہ جانے بغیر کہ اصل معاملہ کیا ہے ، پولیس کی یہ حرکت اس کے فرقہ وارانہ کردار ہی کو اجاگر کرتی ہے۔حیدرعلی کی شادی شبیلہ خاتون کے ساتھ ہورہی تھی ۔ دولہا اور دلہن دونوں پیدائشی مسلمان تھے ، لیکن انھیں ’لوجہاد‘ کا مجرم بناکر یہ شادی روک دی گئی۔پولیس نے اس کا الزام ’شرپسندوں‘ کے سرڈال کر اپنی گردن بچانے کی کوشش کی ہے۔ کاسیہ پولیس اسٹیشن کےایس ایچ اوکا کہنا ہے کہ شرپسندوں نے ’ لوجہاد‘ کی افواہ اڑادی تھی۔ انھوں نے دولہا اور دلہن کو چھوڑ دیا ہےکیونکہ دونوں ہی بالغ تھے اور ایک ہی مذہب سے تعلق رکھتے تھے۔ علاقہ کے سی او پیوش کانت راج کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں فوری ایکشن لینے کی وجہ یہ تھی کہ ’’ ماحول بہت کشیدہ ہے اور اس قسم کے معاملات میں انتظامیہ سخت ایکشن لینے کے لئے مجبور ہے۔‘‘
    یہاں بنیادی سوال یہ ہے کہ ماحول کو کشیدہ بنانے کا کام کون کررہا ہے اور اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے۔ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت نے اس قانون کے نفاذ کی تمام ذمہ داری انتہا پسند ہندو تنظیموں کے کاندھوں پر ڈال دی ہے۔ پولیس اس معاملے میں قانون کی پاسداری سے زیادہ ان تنظیموں کے احکامات کی تعمیل کررہی ہے اورکھلےعام قانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔’لوجہاد‘ مخالف قانون کا نفاذ 28 نومبر 2020 کو ہوا تھا اور اس کی رو سے جوواقعہ اس تاریخ کے بعد پیش آیا ہے اس پر ہی قانون نافذ ہوسکتا ہے ،لیکن اس معاملے میں گڑے مردے اکھاڑنےکی کوشش کی جارہی ہے اور برسوں پرانی شادیوں کی کھوج بین کی جارہی ہے۔ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اترپردیش میں نظم ونسق کی مشینری پوری طرح زعفرانی ہوگئی ہے اور اس نے دستور اور قانون کو پس پشت ڈال دیا ہے۔قابل ذکربات یہ ہے کہ یوپی سرکار کی ان دستور مخالف کارروائیوں کے خلاف سپریم کورٹ کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا گیا ہے۔
    اس سلسلہ میں مشہور سماجی کارکن ٹیسٹا سیتلواڑ نے مفاد عامہ کی ایک عرضی داخل کرکے کہا ہے کہ’’ لوجہاد ایک خام خیالی ہے جسے عام لوگوں کے لئے مصیبت بنادیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اکیسویں صدی کے ہندوستان میں اس قسم کے قانون کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ یہ قانون نجی رازداری ، خودمختاری اور مساوات پر حملہ ہے۔ عرضی میںلاء کمیشن کی اس رپورٹ کا بھی حوالہ دیا گیا ہے کہ ’لوجہاد ‘کا اب تک کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔ عرضی میں بین الاقوامی قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ لوجہاد کے نام پر جو قانون بنایا گیا ہے وہ ہندوستان میں کثرت میںوحدت کے تصور کے بھی خلاف ہے۔ یہ دراصل مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے کی کوشش ہے۔ مفاد عامہ کی عرضی میں اس قانون کو خارج کرنے کا مطالبہ کیاگیا ہے۔ضرورت اس بات کی ہے کہ دستور کی بنیادی روح کےخلاف لائے گئے اس آرڈی نینس پرسپریم کورٹ جلدازجلد کوئی فیصلہ لے کیونکہ اس کی آڑ میں بنیادی انسانی حقوق اوربنیادی آزادی کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں ۔تشویش ناک بات یہ ہے کہ اترپردیش کے بعد بی جے پی اقتدار والے دیگرصوبوں میں بھی اس ظالمانہ قانون کو حتمی شکل دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔

    اترپردیش کا کشی نگر علاقہ ہندو یوا واہنی کی سرگرمیوں کا خاص مرکز ہے اور یہاں اس کی مساوی حکومت قائم ہے۔اسی کشی نگر میں گزشتہ ۱۰ دسمبر کوواہنی کے کارکنوں نے پولیس کو اطلاع دی کہ ایک مسلمان لڑکا ہندو لڑکی کا مذہب تبدیل کرکے اس کے ساتھ شادی رچا رہا ہے۔ پولیس فوراً حرکت میں آگئی اور اس نے آناً فاناً دولہا حیدر علی کوگرفتار کرلیااور اسے تھانے میں لے جاکر چمڑے کی بیلٹ سے بری طرح پیٹا اور ٹارچر کیا۔ یہ جانے بغیر کہ اصل معاملہ کیا ہے ، پولیس کی یہ حرکت اس کے فرقہ وارانہ کردار ہی کو اجاگر کرتی ہے۔حیدرعلی کی شادی شبیلہ خاتون کے ساتھ ہورہی تھی ۔ دولہا اور دلہن دونوں پیدائشی مسلمان تھے ، لیکن انھیں ’لوجہاد‘ کا مجرم بناکر یہ شادی روک دی گئی

  • ہند چین تنازع: اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا؟

    ہند چین تنازع: اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا؟

    سہیل انجم

    اس وقت بیشتر ہمسایہ ملکوں سے ہندوستان کے تعلقات کشیدہ ہیں۔ ان ملکوں میں پاکستان اور چین سرفہرست ہیں۔ حالانکہ 2014 میں جب پہلی بار نریندر مودی کو وزیر اعظم کے منصب کا حلف اٹھانا تھا تو انھوں نے جنوبی ایشیائی ممالک کی تعاون کی تنظیم سارک کے سربراہان مملکت کو مدعو کیا تھا اور ان سے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے سلسلے میں طول طویل مذاکرات کیے تھے۔ اگر چہ سارک میں چین شامل نہیں ہے لیکن اس کے باوجود اس سے اس وقت تک اور اس کے بعد بھی اچھے رشتے رہے ہیں۔ ہاں کبھی کبھار سرحدی تنازع پیدا ہو جاتا تھا لیکن اسے باہمی گفت و شنید سے حل کر لیا جاتا۔
    اس تقریب حلف برداری میں پاکستان کے اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف نے بھی شرکت کی تھی۔ لیکن بعد میں پاکستان کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کافی کشیدہ ہو گئے۔ اس کشیدگی کی وجہ ہندوستان میں دہشت گردانہ سرگرمیاں ہیں جن کے بارے میں ہندوستان پاکستان پر الزام عاید کرتا ہے۔ اس وقت سے لے کر اب تک کئی بڑی وارداتیں ہو چکی ہیں جن میں پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملہ، اڑی کے فوجی ٹھکانے پر حملہ اور پلوامہ میں سی آر پی ایف کے قافلے پر حملہ شامل ہیں۔ پلوامہ حملے کے بعد تو ہندوستان اور پاکستان جنگ کے دہانے پر پہنچ گئے تھے لیکن بہر حال عالمی رہنماؤں کی مداخلت کی وجہ سے جنگ کا اندیشہ ٹل گیا۔ لیکن حالات اب بھی انتہائی خراب ہیں۔ اس سے قبل بھی ہندوستان اور پاکستان آمنے سامنے آتے رہے ہیں۔ لیکن چین کے ساتھ کبھی ایسا نہیں ہوا کہ دونوں ملک جنگ کے دہانے پر پہنچ گئے ہوں۔ اس کے ساتھ 1962 میں ایک جنگ ہوئی تھی جس کے بعد چین نے ہندوستان کے ایک بڑے علاقے پر قبضہ کر لیا تھا۔ اس کے بعد بھی سرحد پر چینی افواج کی پیش قدمی یا دراندازی کے واقعات پیش آتے رہے ہیں اور اگر بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنماؤں کی باتوں پر یقین کریں تو 1962 کے بعد چین نے ہندوستان کی تقریباً 43 ہزار مربع کلومیٹر زمین پر قبضہ کر رکھا ہے۔ بی جے پی کے موجودہ صدر جے پی نڈا کا الزام ہے کہ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ نے ہندوستان کی اتنی بڑی اراضی چین کو سرینڈر کر دی۔ جون 2017 میں چینی افواج نے ڈوکلام پر قبضہ کیا اور وہاں انھوں نے سڑکیں اور دیگر تعمیرات کیں۔ چین کا دعویٰ ہے کہ ڈوکلام کا علاقہ اس کا ہے جبکہ اس پر بھوٹان کا بھی دعویٰ ہے۔ بہرحال اس وقت ہندوستان کے فوجیوں نے سکم کی سرحد عبور کی اور ڈوکلام میں جا کر چینی فوجیوں کی تعمیرات منہدم کر دیں۔ یہ تنازع 73 دنوں تک جاری رہا لیکن اچھی بات یہ رہی کہ کوئی ٹکراؤ نہیں ہوا تھا اور نہ ہی کسی جانب جانی یا مالی نقصان ہوا تھا۔ دونوں ملکوں کے نمائندوں کے باہمی مذاکرات نے اس مسئلے کو حل کر لیا تھا۔


    لیکن اب مشرقی لداخ کی گلوان وادی میں جو تنازع پیدا ہوا ہے وہ اب تک کا سب سے خطرناک اور خوں ریز تنازع ثابت ہوا ہے۔ ابتداس دونوں ملکوں کے فوجی جوانوں میں مار پیٹ اور دھکا مکی سے ہوئی تھی لیکن پندرہ جون کو دونوں کے جوانوں میں خونی تصادم ہو گیا۔ جس میں ہندوستان کے بیس فوجی ہلاک ہوئے۔ ہندوستانی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ چین کے 45 فوجی یا تو ہلاک ہوئے یا زخمی ہوئے لیکن چین اس کی تصدیق نہیں کرتا۔ وہ اس کا اعتراف تو کرتا ہے کہ اس کو بھی جانی نقصان ہوا ہے لیکن یہ نہیں بتاتا کہ کتنے فوجی مارے گئے یا زخمی ہوئے۔ اس خونی ٹکراؤ میں گولیاں نہیں چلیں کیونکہ ضابطہ اخلاق کے مطابق ایسے تصادم کے دوران آتشیں اسلحہ استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ لیکن جو خبریں اور رپورٹیں موصول ہوئیں ان سے پتہ چلا کہ چینی فوجی کافی تیاری کے ساتھ آئے تھے۔ انھوں نے خاردار تار لگے لوہے کے پائپوں اور اسی طرح کے دیگر ہتھیاروں سے ہندوستانی جوانوں کو نشانہ بنایا۔ چونکہ وہاں موسم انتہائی سرد ہے اور دریائے گلوان کا پانی منجمد ہونے کی حد تک سرد تھا اس لیے چینی جوانوں نے ہندوستانی جوانوں کو زدو کوب کیا اور بہت سے لوگوں کو دریا میں پھینک دیا جہاں ان کی موت ہو گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس تصادم کی وجہ چینی افواج کی جانب سے ہندوستانی علاقے میں دراندازی ہے۔ ہندوستانی فوجی فنگر آٹھ نامی مقام تک پہلے گشت کیا کرتے تھے لیکن چینی جوانوں نے ان علاقوں پر قبضہ کر لیا اور ہندوستانی جوان صرف فنگر پانچ تک ہی گشت کر پا رہے تھے۔ چینی فوجیوں نے ان علاقوں میں پختہ تعمیرات کیں اور اپنے اڈے بنا لیے۔بہر حال اس تصادم کے لیے دونوں ملک ایک دوسرے کو ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں۔ اس تصادم سے قبل ہندوستان وہاں ایک سڑک اور پل کی تعمیر کر رہا تھا جس پر چین کو اعتراض تھا۔ دونوں ملک ایک دوسرے پر کنٹرول کی حقیقی لائن سے، جسے ایل اے سی کہتے ہیں یا جسے ہم دونوں ملکوں کی سرحد کہہ سکتے ہیں، چھیڑ چھاڑ اور سرحد کو اپنے طور پر بدلنے کا الزام لگاتے ہیں۔ در اصل ہندوستان اور چین کے درمیان ساڑھے تین ہزار کلومیٹر طویل سرحد ہے جس کا حقیقی تعین ابھی تک نہیں ہو سکا ہے۔ ہندوستان کا کہنا ہے کہ فلاں مقام تک ہمارا علاقہ ہے اور چین کا کہنا ہے کہ فلاں مقام تک ہمارا علاقہ ہے۔ یعنی دونوں ایک دوسرے کے علاقوں کے اندر اپنا علاقہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ چین کی یہ پرانی عادت ہے کہ وہ کچھ ایسے علاقوں پر جن پر ہندوستان کا قبضہ ہو خود قبضہ کر لیتا ہے اور پھر وہ وہاں بیٹھ جاتا ہے۔ پھر اسی کو وہ ایل اے سی بنا دیتا ہے۔ اس کی اس حکمت عملی کے نتیجے میں سرحد پر 24 مقامات ایسے ہیں جو متنازعہ ہیں اور جن کے سلسلے میں دونوں میں بات چیت ہوتی رہتی ہے۔ پندرہ جون کے خونی تصادم کے بعد ایسا لگا تھا کہ دونوں ملکوں میں جنگ ہو جائے گی لیکن بہر حال یہ نوبت نہیں آئی۔ دونوں ملکوں کے درمیان کمانڈر سطح کے کئی ادوار کے مذاکرات ہو چکے ہیں اور ہر بات چیت کے بعد یہی بیان دیا جاتا ہے کہ دونوں سرحد پر امن قائم کرنے کے پابند ہیں اور خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی ہے اور جلد ہی یہ مسئلہ حل کر لیا جائے گا۔ رپورٹوں کے مطابق چینی فوجی جو کہ ہندوستانی علاقے میں داخل ہو گئے تھے کچھ پیچھے ہٹ گئے ہیں۔ لیکن اسی کے ساتھ ہندوستانی فوجیوں کو بھی پیچھے ہٹنا پڑا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ چین دو قدم آگے اور ایک قدم پیچھے کی حکمت عملی پر عمل کرتا ہے اور جب بھی وہ ہندوستانی علاقے پر قبضہ کرتا ہے تو وہاں تھوڑا سا پیچھے ہٹ جاتا ہے۔ اس طرح وہ ہندوستان کے نئے نئے علاقوں پر قابض ہوتا جا رہا ہے۔ مقامی باشندوں کی باتوں پر یقین کریں تو چین نے ہزاروں کلومیٹر کی ہندوستانی اراضی پر قبضہ کر رکھا ہے اور متعدد چراگاہیں اس کے کنٹرول میں چلی گئی ہیں۔ بہر حال اس تنازع کو 13 اگست کو ہی سو دن ہو چکے ہیں اور ابھی تک مسئلہ حل نہیں ہوا ہے۔
    بیس ہندوستانی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد ہندوستان کے اندر کافی غم و غصہ پیدا ہوا اور چینی مصنوعات کے بائیکاٹ اور چین سے تجارتی تعلقات منقطع کر لینے کی آوازیں بلند ہونے لگیں۔ حکومت نے متعدد چینی ایپس پر پابندی لگا دی اور کئی معاہدوں کو رد کر دیا۔ حکومت کی جانب سے یکے بعد دیگرے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور چینی کمپنیوں کو مختلف قسم کی سرگرمیوں سے الگ کیا جا رہا ہے۔ لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں چینی کمپنیوں نے اتنی سرمایہ کاری کر رکھی ہے کہ وہ اس پر سے اپنا انحصار ختم نہیں کر سکتا۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ چینی مصنوعات کے بائیکاٹ سے ہندوستان کو ہی نقصان پہنچے گا۔ لیکن بہر حال حکومت کی جانب سے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوامی غم و غصے کو ٹھنڈا کیا جا سکے۔ ورنہ چینی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنا آسان نہیں ہے۔ یہاں تک کہ ہندوستان ایسی بہت سی اشیا جو خود بناتا ہے ان کے پارٹس چین سے درآمد کرتا ہے۔ چین سے ہندوستان کی درآمد بہت زیادہ ہے اور برآمد کم ہے۔ جس کی وجہ سے ہندوستان کو تجارتی خسارے کا سامنا ہے۔ چونکہ چینی اشیا سستی ہوتی ہیں اس لیے یہاں ان کی مانگ زیادہ ہے۔ اگر ہندوستانی کمپنیاں ان اشیا کو خود بنائیں گی تو ان کی قیمت زیادہ ہوگی۔ ایسی بہت سی پیچیدگیاں ہیں جو ہندوستان کو چین سے تجارتی تعلقات مکمل طور پر منقطع کر لینے کے برعکس ہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ ہندوستان اس میدان میں کہاں تک جاتا ہے اور کتنا کامیاب ہوتا ہے۔
    اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر ایسے موقع پر جبکہ پوری دنیا کروناوائرس سے جنگ لڑ رہی ہے چین نے یہ قدم کیوں اٹھایا اور اس نے ہندوستانی علاقے پر قبضہ کیوں کیا۔ در اصل کرونا وائرس کی ابتدا چین سے ہی ہوئی تھی۔ وہاں کے ووہان شہر سے اس کا آغاز ہوا اور اب یہ وائرس پوری دنیا میں پھیل چکا ہے۔ بڑی تعداد میں لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔ امریکہ اور بعض دیگر ممالک کی جانب سے چین پر انگشت نمائی کی جا رہی ہے کہ اس وائرس کا ذمہ دار وہی ہے۔ یہ بھی کہا جاتا ہے جس کی ابھی تک تصدیق نہیں ہوئی ہے کہ یہ وائرس چین کے ایک لیب میں تیار کیا گیا تھا اور اس کا مقصد اپنے دشمن ملکوں کے اندر اسے چھوڑنا اور پھر اس کی آڑ میں سپر پاور بننا تھا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس معاملے میں سب سے زیادہ جارح ثابت ہوئے ہیں۔ وہ ابھی تک چین کی جانب انگشت نمائی کر رہے ہیں۔ بلکہ ایک بار تو انھوں نے کرونا وائرس کو چینی وائرس بھی کہا تھا۔ سیاسی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ اس الزام سے بہت زیادہ گھبرا گئے اور اسی لیے انھوں نے اپنی افواج کو ہندوستانی علاقے میں داخل ہونے کا حکم دیا تاکہ کرونا وائرس کے سلسلے میں چین پر جو الزام ہے اس سے دنیا کی توجہ ہٹائی جا سکے۔ یہ بات کہاں تک درست ہے یہ کہا نہیں جا سکتا۔ لیکن بہر حال اس میں کوئی شک نہیں کہ ا س وقت چین کئی ملکوں سے الجھ رہا ہے اور ممکن ہے کہ اس کا مقصد مذکورہ الزام سے دنیا کی توجہ ہٹانی ہی ہو۔ ایک دوسری وجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ صدر شی جن پنگ کو اپنی پارٹی یعنی چینی کمیونسٹ پارٹی میں مخالفتوں کا سامنا ہے اور کچھ لوگ ان کے متبادل کے طور پر ابھر رہے ہیں۔ اس لیے داخلی کشمکش سے توجہ ہٹانے اور اپنے ملک کے اندر قوم پرستی کا جذبہ پیدا کرنے کے مقصد سے انھوں نے یہ قدم اٹھایا تاکہ ان کو اندرونی سطح پر جن چیلنجوں کا سامنا ہے ان کو ختم کیا جا سکے۔
    اس چینی حرکت کی ایک اور وجہ بتائی جا رہی ہے اور وہ وجہ ہندوستان کی جانب سے جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ختم کرکے اس کی خصوصی نیم خود مختاری کا خاتمہ کرنا اور جموں و کشمیر اور لداخ کو مرکز کے زیر انتظام دو الگ الگ علاقے بنانا ہے۔ پاکستان کی جانب سے ہندوستان کے اس قدم کی سخت مخالفت کی گئی تھی اور اب بھی کی جا رہی ہے۔ پاکستان نے متعدد عالمی فورموں پر اس معاملے کو اٹھایا اور چین کی مدد سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے بند کمرہ اجلاس میں بھی اس مسئلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ماہرین کا خیال ہے کہ چین بھی لداخ کو مرکز کے زیر انتظام علاقہ قرار دینے اور ہندوستان کے وزیر داخلہ امت شاہ کے اس اعلان سے کہ اقصائی چین اور پاک مقبوضہ کشمیر پر بھی ہم قبضہ کر لیں گے، ناراض ہے۔ اس معاملے پر چین مکمل طور پر پاکستان کے ساتھ ہے۔ پاکستان میں چین نے سی پیک سمیت کافی کچھ سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ پاکستان سے اس کے مفادات وابستہ ہیں۔ اس لیے وہ پاکستان کا ساتھ دے رہا ہے۔ جموں و کشمیر کے معاملے پر پاکستان اتنا آگے جا چکا ہے کہ اس کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کو او آئی سی کا اجلاس طلب کرنے کے لیے دھمکی تک دے دی جس سے دونوں کے رشتوں میں کشیدگی یا سرد مہری آگئی جسے دور کرنے کے لیے پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو سعودی عرب کا دورہ کرنا پڑا۔ بہر حال جموں و کشمیر کے معاملے پر چین مکمل طور پر پاکستان کے ساتھ ہے۔
    گلوان وادی کا تنازع تادم تحریر جاری ہے۔ دونوں جانب سے بڑی تعداد میں فوجی تعینات ہیں۔ اس کے ساتھ ہی دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت بھی ہو رہی ہے۔ فی الحال اس بات چیت کا بہت کم نتیجہ سامنے آیا ہے۔ اس معاملے پر ہندوستان کا رویہ نرم اور چین کا جارحانہ ہے۔ یہاں تک کہ نئی دہلی میں ہونے والی کل جماعتی کانفرنس میں وزیر اعظم نریندر مودی نے یہ تک کہہ دیا تھا کہ نہ تو کوئی ہماری سرحد کے اندر داخل ہوا نہ وہ وہاں ہے اور نہ ہی ہماری کسی فوجی چوکی پر اس کا قبضہ ہے۔ ان کے اس بیان پر ملک کے اندر کافی ہنگامہ ہوا اور خاص طور پر کانگریس اور اس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بار بار وزیر اعظم کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اب بھی بنا رہے ہیں۔ کانگریس کی دلیل ہے کہ اگر چین ہمارے علاقے میں داخل نہیں ہوا تو پھر دونوں ملکوں کی فوجیوں میں ٹکراؤ کیوں اور کہاں ہوا اور ہمارے بیس فوجی کیوں مارے گئے۔ لیکن حکومت کی جانب سے اس کا کوئی جواب نہیں دیا جا رہا ہے۔ جبکہ وزارت خارجہ کے بیانات سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ چین نے ہماری زمین پر قبضہ کر رکھا ہے۔ البتہ وزارت دفاع کی ویب سائٹ سے اس مواد کو ہٹا لیا گیا ہے جس میں اس کا اعتراف کیا گیا تھا کہ چین نے لداخ میں ہمارے تین مقامات پر دراندازی کی ہے۔ چین کی جارحیت کی وجہ سے صورت حال حساس ہو گئی ہے اور یہ معاملہ طویل عرصے تک جاری رہ سکتا ہے۔ وزارت دفاع کی جانب سے اس مواد کو ہٹا لیے جانے پر بھی کانگریس نے حکومت کی سخت نکتہ چینی کی ہے اور کہا ہے کہ چین اب بھی ہماری زمین پر بیٹھا ہوا ہے۔ بہر حال یہ معاملہ ابھی تک حل نہیں ہوا ہے اور فوجی ذرائع پر یقین کریں تو یہ صورت حال لمبے عرصے تک جاری رہ سکتی ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو اس کا فائدہ بہر حال چین کو ہوگا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جب تک دونوں ملکوں کے درمیان سرحد کا حقیقی تعین نہیں ہو جاتا اس وقت تک ایسی صورت حال پیدا ہوتی رہے گی۔ دیکھنا یہ ہے کہ اس تنازعے کا اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے۔
    sanjumdelhi@gmail.com

  • سیلف ریلائنٹ یا خود مکتفی بننے کا نعرہ خود فریبی کے سوا کچھ نہیں !

    سیلف ریلائنٹ یا خود مکتفی بننے کا نعرہ خود فریبی کے سوا کچھ نہیں !

    عبدالباری مسعود

    وزیر اعظم نے12 مئی کو کوڈ کی عالمی وباء کے حوالے سے20 لاکھ کروڑ روپیئے کا ایک مالیاتی پیکیج کا اعلان کیا تھا اس کی اصل حقیقت کو حزب اختلاف نے آشکار کر دیا تھا کہ یہ نئی بوتل میں پرانی شراب کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔ تاہم اس اعلان کے ساتھ وزیر اعظم نے پہلی مرتبہ خود مکتفی یا خود انحصاری self reliant حاصل کرنے کا نعرہ بلند کیا تھا اور لوگوں پر زور دیا تھا کہ وہ مقامی اشیاء و مصنوعات کو ترجیح دیں (Go Vocal for Local) ۔ اب وہ اس نعرہ کی تکرار وقتاًْ فوقتاً کر رہے ہیں ۔ بالخصوص چین کے لداخ کی زمین پر قبضہ کے بعد اس نعرہ کی دھن کچھ زیادہ سنائی دینے لگی ہے ۔ لیکن اعداد و شمار اورٹھوس حقائق کی روشنی میں اس نعرہ کو پرکھاجائے تو یہ سابقہ نعروں کی طرح کھوکھلا اور خود فریبی میں مبتلا کرنے کے سواء کچھ نہیں ہے۔ کیونکہ انڈیا ہر معاملہ میں درآمدات پر منحصر ہے ۔
    یہ ایک مسلمہ اصول ہے کہ’’ کسی ملک کی دولت یا اثاثہ اس چیز پر منحصر نہیں ہوتا ہے کہ وہ ملک کیا پیدا کرتا ہے بلکہ اس چیز پر منحصر ہوتا ہے کہ وہ کتنی ایجادات اور اختراعات کرتا ہے۔‘‘ اس کا تعلق نہ کمپنیوں کی بیلنس شیٹ سے اور نہ ہی برآمدات کی مالیت کے حجم سے ہے بلکہ اس کا تعلق ایجادات ، علمی و تحقیقی کاوشوں intellectual property وغیرہ سے ہے جس پر آپ کا حق محفوظ ہوتا ہے۔
    دنیا کے کسی بھی ترقی یافتہ ملکوں میں دیکھیں گے کہ ان کی جامعات اور اعلی تعلیمی اداروں میں ایجادات ، اختراعات اور نئے موضوعات پر علمی و تحقیقی اور تخلیقی کام ہورہے ہیں۔ ان ہی تخلیقات innovation کی بدولت وہ ترقی کے منازل طے کرتے ہیں ۔ اسی لئےوہ اپنے اعلی تعلیمی داروں میں تحقیق و تخلیق کے شعبہ یا آر اینڈ ڈیResearch and Development پر کافی پیسہ خرچ کرتے ہیں۔ اگر انڈیا خود مکتفی بننا چاہتا ہے تو اسے ثانوی ذرائع علوم کے بجائے طبع زاد علوم کی طرف توجہ دینا ہوگی ۔ جامعات کا تعلیمی نظام آر اینڈ ڈی یا اختراعات یا انوویشن کے مرکز ہے۔ تاہم انڈیا میں تحقیق و اختراعات کے شعبہ پر مجموعی قومی اخراجات میں سے جی ڈی پی کا محض 0.7 فیصد ہی ایک عرصہ سے خرچ کیا جا رہا ہے اس میں برسوں سے کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے ۔
    چنانچہ وزیر اعظم نے ’آتم نربھر ابھیان ‘ کا توبگل بجا دیا لیکن اس کا کوئی لائحہ عمل نہیں بتایا۔ صنعتوں کو یہ تلقین کی کہ وہ تمام مصنوعات ملک میں بنائیں اور دنیا کے لئے بھی بنائیں( Made in India, Made for the World )۔ انڈیا کی دوسروں پر انحصار کی کیا حالت ہے اس کی تفصیلات یہاں پارلیمنٹ میں پیش کئےگئے اعداد و شمار، سرکاری جائزوں کے حوالے سے پیش کی گئی ہیں ۔
    ورلڈ بینک کے مطابق انڈیا کے تحقیق و اختراعات کی مد میں قومی اخراجات کا 0.7 فیصد کے مقابلے میں جنوبی کوریا 4.5 فیصد، جاپان 3.2 فی صد ، جرمنی 3.0 فی صد امریکہ 2.8 فی صد اور چین 2.1 فی صد رقم خرچ کرتے ہیں ۔ یہی انکی ترقی کا راز ہے۔ اسی طرح جب تحقیق و اختراعات کے شعبہ میں حکومت ، صنعتی و کاروباری اور اعلی تعلیم کے اداروں کی طرف سے پیسہ خرچ کرنے کا موازنہ کیاجائے تو اس محاذ پر انڈیا دیگر ملکوں سے بہت پیچھے ہے۔انڈیا کا صفر اعشاریہ سات فی صد کا بجٹ ایک عرصہ سےچلا آرہاہے۔ بطور مثال فرانس کی حکومت 13 فی صد ، کاروباری ادارے 65 فی صد اور اعلی تعلیم کے ادارے 21 فی صد پیسہ تخلیق و تحقیق پر خرچ کرتے ہیں جبکہ چین میں حکومت 15 فی صد ، کاروباری ادارے 78 فی صد اور اعلی ادارے سات فی صد خرچ کرتے ہیں ، یہی وجہ ہے کہ آج چین اختراعی مصنوعات کے معاملہ میں عالمی امام ہے ۔
    خود انحصاری کی راہ میں حائل ایک اور مشکل نقل و حمل کی بہت زیادہ لاگت ہے ۔ انڈیا اس معاملہ میں ترقی یافتہ ملکوں سے مقابلہ نہیں کرسکتا کیونکہ اس کا نقل و حمل پر جی ڈی پی کا 14فی صد حصہ خرچ ہوجاتا ہے ۔ اس کے برعکس امریکہ نقل و حمل پر 9.5 فی صد، جرمنی 8 فی صد ، جاپان 11 فی صد اپنے جی ڈی پی کا خرچ کرتا ہے۔ اگر نقل و حمل کی لاگت 14 فی صد ہوں گی تو اس صورت میں کونسی ملٹی نیشنل کمپنی انڈیا میں اپنی صنعتی اکائی لگانا پسند کرے گی کیونکہ وہ اس کے نتیجہ میں عالمی سطح پر مسابقت نہیں کرپائے گی۔ اس کے ازالے کے لئے مودی حکومت کے پاس کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ مزید براں یہ کہ کچے مال کو پہنچانے کی لاگت اور توانائی کی قیمت بہت زیادہ ہے۔
    خود انحصاری کے منصوبہ میں حائل جو دیگر عوامل ہیں وہ بھی قابل غور ہیں ۔ وزیراعظم نے جب سے ’میک ان انڈیا‘ کا نعرہ بلند کیا ہے اس کے بعد سے انڈیا صرف موبائل فون، بجلی اور الیکٹرانک کی مصنوعات درآمد کردہ پرزوں کو جوڑ کر بنانے کا ایک بازار بن گیا ہے ۔ ان مصنوعات میں 30 فی صد سے بھی کم اضافی چیزیں مقامی طور پر بنی استعمال کی جاتی ہیں ۔ تھائی لینڈ، انڈو نیشیا، ملائیشیا، تائیوان، فلپائن ، جنوب کوریا اور چین کی قومی مجموعی پیداوار یا جی ڈی پی میں صنعت و حرفت manufacturingکا حصہ30 تا 50 فی صد ہے جبکہ انڈیا میں گزشتہ دس سالوں میں اس سیکٹر کا حصہ 16 فی صد سے بڑھ کر 18.32فی صد ہوا ہے۔
    بجلی کے ساز و سامان، توانائی کا شعبہ ، 60 تا 70 فی صد طبی ساز و سامان و آلات ، اور شمسی توانائی کی مصنوعات سب درآمد کرنا پڑتی ہیں۔انڈیا ہر سال 60 ارب امریکی ڈالر مالیت کا الیکٹرانک ساز و سامان ، اور خام مال درآمد کرتا ہے۔ ان میں زیادہ مال چین سے آتا ہے۔ موبائل فون میں استعمال ہونے والے 88 فی صد پرزے چین اور دوسرے ملکوں سے درآمدکئے جاتے ہیں۔ اسی طرح شمسی توانائی کے شعبہ میں 2018 میں تقریباً 184.57 ارب روپئے مالیت کا سامان درآمد کیا گیا۔
    دواسازی کے معاملہ میں انڈیا چین پر بری طرح سے منحصر ہے۔ اگر چین نے اس کی برآمد بند کردی تو بڑی سنگین صور ت حال پید ا ہوسکتی ہے۔ انڈیا دوا سازی میں استعمال ہونے والے فعال اجزاء active pharmaceutical ingredients کی 85 فی صد مقدار چین سے درآمد کرتا ہے۔گزشتہ سال چین سے 249 ارب روپئے مالیت کے اجزائے دوا درآمد کئے گئے۔
    آٹو انڈسٹری میں استعمال ہونے والے پرزے بھی درآمد کرنے پڑتے ہیں۔ انڈیا ہرسال 17.5 ارب ڈالر مالیت کے پرزے چین سے منگاتا ہے جو کل کا تقریباً 27 فی صد ہے، اس کے بعد جرمنی سے 14 فی صد، جنوبی کوریا سے10 فی صد ، جاپان سے نو اور امریکہ سے سات فی صد پرزے آتے ہیں۔
    پارچہ بافی یا ٹیکسٹائل کی صنعت بھی چین سے درآمدات پر منحصر ہے ۔ خام مال بشمول مصنوعی سوت synthetic yarn ، مصنوعی کپڑا ، بٹن ، زیپر ، (چین) ہینگر وغیرہ سب چین سے آتے ہیں۔ ڈائی یا رنگ کا مٹیر یل بھی چین سے آتا ہے موجودہ حالات کی وجہ سے خام مال کی آمد میں کمی کے سبب ڈائی کی صنعت 20 فی صد متاثرہوئی ہے۔
    ٹیلی کام یا مواصلات کے شعبہ میں بھی انڈیا درآمدات پر منحصر ہے ۔ وہ سالانہ 1.3 کھرب روپیئے مالیت کے ٹیلی کام ساز و سامان و آلات باہر سے خریدتا ہے۔ امبانی کی جیو ریلائنس کمپنی جنوبی کوریا کی سمسنگ کمپنی کے 4G ساز و سامان استعمال کرتی ہے ، وہیں ووڈافون اور بھارتی ایئر ٹیل چین کی Huawei کمپنی کی مصنوعات کے علاوہ سوئیڈن کی اریکسن ، فن لینڈ کی نوکیا اور چین کی زیڈ ٹی ای پر انحصار کرتے ہیں۔
    کوئلہ : اپنی توانائی کی ضروریات پورا کرنے کے لئے انڈیا کو کوئلہ بھی باہر سے خریدنا پڑتا ہے حالانکہ ملک میں کوئلہ کے ذخائر کی کمی نہیں ہے ۔ سال 2019-20 میں 247.1 ملین ٹن کوئلہ درآمد کیا گیا جو اس سے پیشتر سال کے مقابلے میں پانچ فی صد زیادہ ہے۔ 2018-19میں یہ مقدار 235.35 ملین ٹن تھی۔ تین چار سال تک غلط پالیسوں کے سبب کوئلہ باہر سے خریدنا پڑے گا۔
    ڈیجیٹل پے منٹ : حکومت میں آنے کے بعد بالخصوص نوٹ بندی کے بے تکے قدم کے بعد وزیراعظم نے بغیر نقد کے لین دین یا ڈیجیٹل کا خوب ڈھنڈورا پیٹا ۔ تاہم اس کے بڑے بڑے پلیٹ فارم سب غیرملکی ہیں جیسے پے ٹی ایم Paytm میں 33 فی صد ، گوگل پے میں 14 فی صد اور ایمزان پے 10 فی صد حصص ہیں ۔ یہ تمام پلیٹ فارم بڑی کثیر قومی کمپنیوں نے شروع کئے ہیں۔ جہاں تک پے ٹی ایم کا معاملہ ہے اس میں چین کی کمپنی علی بابا گروپ کا 42 فی صد اور جاپان کے سافٹ بنک کا 20 فی صد شیئر ہے۔
    ای کامرس یا آن لائن کاروبار کی کمپنیاں بھی باہر کی ہیں یا ان کا بڑا حصہ ہے ان میں ایمزان، علی بابا، وال مارٹ ، اور سافٹ بنک ہیں۔ ایمزان انڈیا کوایمزان کا تعاون حاصل ہے ، فلپ کارٹ میں والمارٹ کا 81.3 فیصد شیئر ہے۔ علی بابا نے بگ باسکیٹ اور سافٹ بنک نے گروفرس کو لانچ کیا ہے ۔
    ویڈیو کانفرنسنگ کے ایپوں کا معاملہ بھی سارا کے سارا غیرملکی ہے اس کے جتنے بھی ایپ یا برقی سانچے ہیں جیسے زوم ، مائکرو سافٹ ٹیم گوگل میٹ وغیرہ سب غیر ملکی ہیں ۔ لداخ میں مبینہ چینی قبضہ کے بعد حکومت نے چین کے کچھ چالیس بیالیس ایپ بند کرنے کا اعلان کیا تھا جن کا مقصد محض عوامی غصہ کو ٹھنڈا کرنا تھا۔
    ڈیجیٹل لرننگ : حال میں کیرلا میں ایک لڑکی کی خودکشی کا واقعہ پیش آیا تھا وہ لڑکی آن لائن کلاس میں شرکت نہیں کر پا رہی تھی اس لئے اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا تھا۔اس کے پاس آن لائن ہونے کے لئے کسی بھی طرح کی سہولت نہیں تھی۔
    نیشنل سیمپل سروے 2017-2018 کے مطابق ملک میں 27 فی صد سے کم خاندان ایسے ہیں جن کے کسی ایک رکن کے پاس انٹر نیٹ کی سہولت ہے۔ براڈکاسٹنگ آڈیئنس ریسرچ کونسل کے ایک سروے کے مطابق صرف 66 فی صد خاندانوں کے پاس ٹی وی سیٹ ہیں ۔نیتی آیوگ کی 2018 میں جاری کردہ ایک رپورٹ کے بموجب آج بھی ملک کے 55,000 دیہاتوں میں موبائل نیٹ ورک نہیں ہے۔ ماہرین کی رائے ہے کہ تعلیم کے شعبہ میں ڈیجیٹل کی تفریق کو ختم کرنے کے لئے اس مد کے بجٹ میں خاصہ اضافہ کرنا ہوگا۔ سردست تعلیم کے شعبہ میں تین فی صد جی ڈی پی کا خرچ ہورہا ہے ۔ وزارت تعلیم نے ڈیجیٹل ای لرننگ کے بجٹ 604 کروڑ روپئے کو کم کرکے رواں مالی سال کے لئے 469 کروڑ روپئےکردیا۔
    نیٹ پراجیکٹ :بھار ت نیٹ پراجیکٹ : فروری 2020 تک 146,717 گرام پنچایتوں یعنی 59 فی صد دیہاتوں میں کیبل بچھائی گئی ہے ۔ ان میں سے 134,248 گاوئوں یعنی 53 فی صد میں انٹر نیٹ سروس شروع کی جاسکتی ہے ۔
    5G اسپیکٹرم کی نیلامی : خود انحصاری کے نعرے کے باوجود حکومت 5G اسپیکٹرم کی نیلامی کے سلسلہ میں تردد کا شکا رہے ۔ تاہم نیلامی کے لئے جو بنیادی رقم مقرر کی گئی ہے وہ ہوش ربا ہے ۔ دنیا میں سب سے زیادہ یعنی اسپیکٹرم 70 ملین ڈالر ہے جبکہ یہ رقم اٹلی میں 26 ملین ڈالر، جنوبی کوریا میں 18 ملین ڈالر، 10ملین ڈالر برطانیہ اور پانچ ملین ڈالر آسٹریلیا میں ہے۔ اتنی بڑی بیس رقم کی صورت میں کون سی کمپنی آگے آئے گی۔
    ورلڈ اکنامک فورم نے 2019 میں سالانہ عالمی مسابقتی رپورٹ Annual World Competitiveness جاری کی جس میں انڈیا کا مقام مسابقتی فہرست کی درجہ بندی میں دس مقام نیچے گرکر 68 ویں پر آگیا۔ وزیراعظم سے یہ سوال پوچھا جاسکتا ہے کہ مسابقت میں انڈیا پیچھے کی طرف جارہا ہے تو خود انحصاری کہاں سے آئی گی ؟ صنعت و حرفت سے صرف 16 یا 18 فی صد جی ڈی پی آتی ہے جبکہ سروس سیکٹر سے 59 فی صد ۔ اس صورت میں روزگار کے مواقع کہاں پیدا ہوں گے۔ ایک ایسی حکومت جس کی نہ کوئی اقتصادی پالیسی ہے نہ صنعتی اور نہ کوئی اور پالیسی ، جو اپنے کام میں مخلص بھی نہ ہو ایسے سے کیا امید رکھی جاسکتی ہے ۔ چین کی زیادتی اور جارحانہ رویہ کے باوجود اس حکومت میں دم نہیں ہے کہ وہ چین کاا قتصادی بائیکاٹ کر سکے۔ اگر اس پر عمل کیا جاتا ہے تو اس سے عام لوگوں کو کتنی پریشانیاں ہوں گی اور معیشت پر اس کے کتنے مضر اثرات پڑیں گے اسے بیان نہیں کیا جاسکتا ۔ کشمیر کے مسئلہ پر موقف اختیار کرنے پر ملائیشیا سے پام آئیل کی درآمد بند کرنے کا جو مودی حکومت نے فیصلہ کیا ہے اس کے بعد سے کھانے کے تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا ہے۔اور اس کا راست فائدہ ان کے گجراتی صنعتکاروں دوستوںکو ہورہا ہے ۔ یہ تو اس کی ایک چھوٹی سی مثال ہے ۔ ایک چیز کی درآمد بند کرنے سے کیا مسائل پید ا ہوتے ہیں۔
    اس سے ہی خود مکتفی کے نعرہ کی قلعی کھل جاتی ہے ۔ چنانچہ اس پر کانگر یس کے لیڈر اور سابق مرکزی وزیر برائے سائنس و ٹکنالوجی اور وزیر تعلیم کپل سبل نے بڑا دلچسپ تبصرہ کیا ہے ’’ جو واحد چیز ہم انڈیا میں بناتے ہیں (میک ان انڈیا ) وہ ہیں نعرے ۔ ہر چند مہینوں کے بعد نئے نعرے ہوتے ہیں جو انڈیا میں ’’ بنائے‘‘ جاتے ہیں اور ہم یہ بنانے میں ماسٹر ہیں‘‘۔