Category: خصوصی تجزیہ

  • عدالتی فیصلے بھی ہندو راشٹر کی راہیں ہموار کرنے میں معاون: راجیو دھون

    عدالتی فیصلے بھی ہندو راشٹر کی راہیں ہموار کرنے میں معاون: راجیو دھون

    عبدالباری مسعود

    اس وقت ملک کو جس تیزی سے ’’ ہندتوا‘ کے خطوط پر استوار کرکے اس کے سیکولر کردار کو مسخ کیا جارہا ہے وہ عمل کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ اور یہ عمل مودی حکومت کے 2014میں بر سرا قتدار آنے کے بعد سے اچانک شروع نہیں ہوا ہے ۔ بلکہ اس پر بہت پہلے سے ایک منصوبہ بند اور غیر محسوس طریقہ سے عمل ہورہا ہے۔ اس میں سیاسی عاملہ کے ساتھ ساتھ عدلیہ کا بھی بڑا اہم رول ہے۔
    انڈیا کو ’’ ہندو راشٹر ‘‘ یا صحیح معنوں میں ’’ برہمنی راشٹر‘‘ میں تبدیل کرنے کی جو کوششیں ماضی میں ہوئیں اور ہورہی ہیں۔ اس بارے میں مشہور و معروف وکیل اور آئینی ماہر ڈاکٹر ر اجیو دھون کا یہ گہرا تجزیہ ہے کہ عدلیہ نے بھی اس کے لئے راہیں ہموار کی ہیں۔ ان کے بقول سپریم کورٹ نے 1960کی دہائی سے جو فیصلے دینے شروع کئے ہیں ان سے اس تصور کو تقویت ملنے لگی کہ انڈیا بنیادی طور پر ایک ’’ ہندو ‘‘ ملک ہے جس کا اثر اب ــ’’ جارحانہ ہندو قوم پرستی ‘‘ کی شکل میںنظر آرہا ہے۔ انہوں نے اس ضمن میںبطورخاص تین اہم مقدمات کا ذکر کیا کہ ان سے ’’ ہندو انے‘‘ ‘Hindu-isation’ کے عمل کی راہیں ہموار کرنا ثابت ہوتا ہے۔ اور یہی فیصلے اجودھیا مقدمہ کے فیصلہ کا پیش خیمہ تھے ۔
    ڈاکٹر دھون نے جنہوں نے انڈیا کی تاریخ میں انتہائی اہم مقدمات میں سے ایک یعنی بابری مسجد بنام رام جنم بھومی ملکیت مقدمہ میں مسلم فریقوں کی پیروی کرکے خوب نیک نامی حاصل کی ،ایک ویب سائٹ ہف پوسٹ انڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ عدلیہ بھی ملک کو ہندو راشٹر بنانے کی راہ ہموار کرتی رہی۔
    اس حوالے سے دھون کے مطابق ’’میرے خیال میں اس سلسلہ میں پہلا فیصلہ 1966 میں آیا جو یگنا پور داس جی Yagnapur Das Ji کے نام سے مشہور ہے ۔جس میں جسٹس (پرہلا د بال اچاریہ) گجیندر گڈکر نے عندیہ دیا تھا کہ اس ملک کا ہر شہری ہندو ہے( یہ بات آر یس ایس کے نقطہ نظر کی عکاسی کرتی ہے)۔ تاہم بہت سے فرقے اور طبقات ہیں جو یہ اصرار کرتے ہیں کہ وہ ہندو نہیں ہیں۔ جسٹس گجیندر گڈکر نے کہا کہ جو لوگ مندر میں جاتے ہیں وہ سب ہندو ہیں اس پر کوئی کلام نہیں اور اس مقدمہ کی حقیقت ہے ۔ لیکن جج موصوف نے کہا کہ ہمیں ہر ایک کو ہندو کے دائرہ میںرکھنے کے لئے ایک جامع تعریف اختیار کرنی چاہئے۔ اس تعریف کے تحت عیسائیوں اور مسلمانوں کے سوا ہر ایک (جین، بودھ مت کے ماننے والے ) سب ہندو ہیں ۔ دھون نے کہا کہ میرے خیال میں یہ ہند و راشٹر کی راہ ہموار کرنے کی جہت میں پہلا عدالتی فیصلہ ہے۔


    ان کے مطابق دوسرا فیصلہ 1995-1996 میں آیا ۔ اس مقدمہ کی پیروی رام جیٹھ ملانی نے کی۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلہ میں ’ہندوتوا‘ کوایک طرز زندگی قرار دیا۔ چیف جسٹس جے ایس ورما کی سربراہی میں تین ججوں کے بنچ نے فیصلہ سنایا کہ آپ اپنے مذہب کے نام پر اپیل کرسکتے ہیں مگر دوسروں کے مذہب کو نشانہ نہیں بنائیں ۔ اس فیصلہ کے عملی معنی یہ ہوئے کہ ہندو اپنے مذہب کی عظمت کے بارے میں جس حد تک چاہے جاسکتا ہے بشرط یہ کہ وہ عیسائیوں اور مسلمانوں کے مذہب کو برا بھلا نہ کہے ۔مگر کیا اس فیصلہ کا اطلاق سب مذاہب کے ماننے والوں پر ہوا ۔ تاہم انتخابی مہموں میں کیا ہوتا ہے،ہندو مہم غالب اور طاقتور ہوتی ہے۔
    تاہم 1996 میں انتخابی مہم میں مذہب کے نام پر اپیل کے مقدمہ ڈاکٹر رمیش یشونت پربھو بنام پربھاکر کاشی ناتھ کنٹے کے اس فیصلہ کو سپریم کورٹ نے 2017 میں ابھی رام سنگھ بنام سی ڈی کوماچین مقدمہ کا فیصلہ دیتے ہوئے الٹ دیا ۔ چار اور تین ججوں کی اکثریت سے دئےگئے اس فیصلہ میں سپریم کورٹ نے کہا کہ الیکشن میں مذہب کی بنیاد پر ووٹ مانگنےکی اجازت نہیں دی جاسکتی مگر ایک اقلیتی اختلافی نوٹ لکھا گیا جس کی تشریح سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ آپ اپنے مذہب کی بنیاد پر اپیل کرسکتے ہیں۔
    اسکے بعد اگلا فیصلہ بابری مسجد کا آیا ۔ ڈاکٹر دھون نے کہا کہ مسلمانوں نے مسجد پر 1858 سے اپنا قبضہ ثابت کردیا کیوں کہ برطانوی حکومت نے یہاں زمین بطور عطیات دی تھیں۔ تاہم تمام شواہد کے برخلا ف یہ فیصلہ صادر کیا گیا کہ یہ مسجد 1858 سے ہندوؤں کے قبضہ میں تھی اس لئے انہیں یہاں پوجا کرنے کا حق ہے۔ حالانکہ 1886 کے فیصلے میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ یہ مسجد مسلمانوں کی ملکیت ہے ۔ ہندو فریق کو اپنی ملکیت ثابت کرنے کو بالکل نہیںکہا گیا۔ جبکہ 1886 کے فیصلے میں واضح طور پر کہا گیا تھا کہ وہ ( ہندو) مسجد کے مالک نہیں ہیں ۔ (اجودھیا کا فیصلہ) سپریم کورٹ کی تاریخ کا سب سے عجیب و غریب اور مضحکہ خیز فیصلہ ہے۔
    جب ان سے پوچھا گیا کہ ان چار دہائیوں میں آپ نے صرف تین مقدموں کا ذکر کیا۔ تو وہ گویا ہوئے کہ عدالتوں میں اس نوع کے فیصلے ہوتے رہے ہیں جس میں عدالتوں نے ہمیشہ ہندازم کی چھاپ کا خیال رکھا۔ پہلا فیصلہ مہایانا ہندو مذہب کا ہے۔ دوسرا الیکشن میں مذہب کے بنیاد پر اپیل سے متعلق ہے۔ جب آپ 2002کے گجرات فسادات سے متعلق مقدمات کے فیصلوں پر نگاہ ڈالیں گے تو سپریم کورٹ کے فیصلوں میں ہمدردی کا عنصر نظر آتا ہے مگر عدالت نے سوائے قانون کے اہم نکات کے مسلمانوں کی بالکل حمایت نہیں کی۔ جب فیصلوں میں کسی تحریک کو شامل کیا جاتا ہے تو وہ جارحانہ قوم پرستی کی طرف رخ کرتی ہے۔
    ہندو خطوط پر استوار کرنے کی یہ تبدیلیاں اسی انداز میں واقع ہوتی رہیں ۔ یہ ابتدا میں ہلکی نوعیت کی تھی اور پھر یہ توانا ہوتی گئی ۔ رتھ یاترا اور بابری مسجد کی وجہ سے یہ طاقتور سے طاقتور ہوتی چلی گئی اور سی اے اے (شہریت ترمیمی قانون) کی منظوری کے بعد طاقتور ترین بن گئی۔ ہندو بنیاد پرستی ہمیشہ موجود رہی مگر اس کے توانا بن جانے کے بعد وہ جارحانہ شکل اختیار کر گئی ۔
    بطور مثال سابق چیف جسٹس (رمیش چندر) لاہوٹی (2004-2005) سبکدوش ہونے سے پہلے اس بات کے لئے بڑے فکر مند تھے کہ گایوںکا ذبیحہ بند کیا جائے۔ چنانچہ وہ 1958 کے پانچ ججوں کی بنچ کے فیصلہ کو الٹنا چاہتے تھے ۔ ریٹائر ہونے سے کچھ دن پہلے ہی چیف جسٹس لاہوٹی نے اچانک ہی اس معاملہ کو از خود سماعت کرکے فیصلہ سنایا کہ گائے واقعی ایک مقدس جانور ہے اور ہمیں اسے ذبح نہیں کرنا چاہئے۔ (خیال رہے 1958 میں محمد حنیف قریشی و دیگر بنام حکومت بہار میں پانچ ججوں کی ایک بینچ نے گائے کے ذبیحہ پر مکمل پابندی کے خلاف فیصلہ سناتے ہوئے اسے ’’ بیکار‘‘ ہوچکی گایوں تک محدود کردیا۔ تاہم 2005 میں، سپریم کورٹ کی سات رکنی بینچ نے حکومت گجرات بنام مرزا پور موٹی قریشی قصاب مقدمہ میں گائے کے ذبیحہ پر مکمل پابندی کے حق میں فیصلہ دیا تھا ۔ اس فیصلہ کا یہ مشہور جملہ ہے کہ ’’گوبر کی قیمت مشہور ہیرے کوہ نورسے بھی زیادہ ہے‘‘۔
    ملک میں ہندو پرستی کے حوالے سے صرف اجودھیا کا معاملہ ہی نہیں تھا بلکہ بہت کچھ ہورہا تھا ۔ گائے کی مہم ، تبدیلی مذہب کی مہم ، جارحانہ ہندوقوم پرستی وغیرہ یہ سب مہمات اقلیتوں کے خلاف مختلف سطحوں پر جارہی ہیں۔ سی اے اے کا معاملہ لیں اس کے خلاف متعدد عرضیاں سپریم کورٹ میں دائر ہیں ۔ عدالت چاہتی تو آسانی سے اس ترمیم شدہ قانون کو اسٹے دی سکتی تھی کیونکہ ابھی تک اس کا اطلاق عمل میں نہیں آیا ۔ اس کے برخلاف جب وزیراعظم وی پی سنگھ کی حکومت نے منڈل کمیشن کی سفارشات کو نافذ کرنے حکم جاری کیا تو عدالت نے فوراً اس پر اسٹے دے دیا۔ کشمیر کے معاملے میں بھی عدالت کا رویہ قابل غور ہے یہاں تک کہ حبس بیجا اور حقوق انسانی سے متعلق عرضیوں پر بھی وہ ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے ۔
    آزادی کے بعد مسلمانوں کو اس ملک میں جن بڑے بڑے مسائل کا سامنا کرناپڑا۔ ان کا اگر تجزیہ کیا جائے تو ان کی تہ سے یہ بات نکل کر سامنے آتی ہے اس میں بعض عدالتی فیصلوں کا بڑا دخل ہے ۔ بطور مثال شاہ بانو مقدمہ کا فیصلہ لیں اسے نظیر بناکر برہمنیت کی علمبرارد طاقتوں نے مسلمانوں کے خلاف ایک شر انگیز مہم شرو ع کردی حالانکہ یہ معاملہ سراسر مسلم فرقہ کاایک داخلی معاملہ تھا اس سے عملاً کسی کاکوئی تعلق ہی نہیں تھا ۔
    دیگر عدالتوں فیصلوں میں بابری مسجد کا فیصلہ ، طلاق ثلاثہ فیصلہ جس کا مقدمہ سپریم کورٹ نے از خود قائم کیا، آسام میں شہریت کا مسئلہ کو الجھانے اور سنگین بنانے میں عدالت کے آئی ایم ڈی ٹی ایکٹ ( غیر قانونی تارکین وطن کا پتہ لگانے کے قانون) کو ختم کر نے کے فیصلہ کو بڑا رول ہے، اس فیصلہ میں جو زبان استعمال کی گئی ہے وہ بھی قابل تشویش ہے ۔ اسی طرح عدالت کا باربار یکساں سول کوڈ کی گردان کرنا جبکہ بڑے بڑے سنگین مسائل سے صرف نظر کرنا وغیرہ ۔ یہ حقائق کس طرف اشارہ کرتے ہیں انہیں بیان کرنے کی ضرورت نہیں۔
    جمہوری نظام کے چار اہم ستون میں عدلیہ بھی شامل ہے جسے آئین اور حقوق انسانی کا محافظ کہا جاتا ہے۔ تاہم ملک میں عدالتیں جس نہج پر اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں ان کے اس رویہ پرانگلیاں اٹھتی رہی ہیں۔ خود عدالت کے بر سرکا ر چار سینئر ترین ججوں نے جن میں سے ایک بعد میں چیف جسٹس بھی بنے، جنوری 2018 میں ایک پریس کانفرنس منعقد کرکے کہا تھا کہ ملک کی سب سے بڑی عدالت میں سب کچھ ٹھیک نہیں اور جمہوریت کے وجود کو خطرہ لاحق ہے۔ یہ ایک غیر معمولی اور بے نظیر پریس کانفرنس تھی ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔ تازہ مثال مشہور وکیل پرشانت بھوشن کے خلاف توہین عدالت کے مقدمہ کی ہے جن کے دو ٹوئیٹ پر سپریم کورٹ نے ازخود مقدمہ چلایا ۔ جبکہ غیرمعمولی اہمیت والے مقدمات کی سماعت کے لئے عدالت کے پاس وقت نہیں ہے۔ایسے ہی امور کی طرف پرشانت بھوشن نے اپنے ٹوئٹ میں توجہ دلائی تھی مگر وہ توہن عدالت کے قصوار قرار دیئے گئے۔

  • وال اسٹریٹ جرنل اور ٹائم میگزین نے  بی جے پی اور فیس بک کے درمیان سیاسی مقاصد کے لئے ’’ سودے بازی‘‘ کو کیا بے نقاب

    وال اسٹریٹ جرنل اور ٹائم میگزین نے بی جے پی اور فیس بک کے درمیان سیاسی مقاصد کے لئے ’’ سودے بازی‘‘ کو کیا بے نقاب

    اے بی مسعود

    مشہور امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی 14 اگست کی اشاعت میں دنیا کے سب سے بڑے سوشل میڈیا ’فیس بک ‘ اور انڈیا کی حکمراں جماعت بی جے پی کے مابین ’’ ناپاک گٹھ جوڑ ‘‘کا جو پردہ فاش کیا ہے اس نے حکمراں جماعت کو عملاْ کٹہرے میں لاکھڑا کردیا ہے ۔ حزب اختلاف کی جماعتوں نے اس ’مذموم سودے بازیـ‘ کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی سے جانچ کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سنسنی خیز انکشاف نے بی جے پی کی سوشل میڈیا پر مسلم مخالف اور حزب مخالف کے خلاف منظم جھوٹی مہم کو بے نقاب کردیا ہے ۔ وہیں فیس بک ( ایف بی )کی اس حرکت سے ملک میں جمہوریت کے لئے ایک سنگین خطرہ لاحق ہوگیا ہے اور اس کا دوہرا معیار بھی آشکار ہوگیا ۔

    خیال رہے دنیا میں فیس بک کے سب سے زیادہ یعنی 216ملین یا ساڑھے اکیس کروڑ سے زائد صارفین انڈیا میں ہیں جنکی نجی تفصیلات کو خطرہ لا حق ہونے کے ساتھ ساتھ وہ نفرت انگیز مواد، غلط اور جھوٹی معلومات اور خبروں وغیرہ کا بھی غیر محسوس طریقہ سے نشانہ بنتے ہیں ۔ 2014 کے عام انتخابات کے موقع پر فیس بک کی ا نڈیا کی ذمہ دار افسر انکھی داس اور بی جے پی کے سینئر لیڈروں اور ارکان پارلیمنٹ کے در میان ’راز و نیاز‘ پر سے اب پردہ ہٹ گیا ہے ۔ وال اسٹریٹ نے فیس بک کے عہدیداروں کے مابین داخلی میمو، بات چیت اور ای میل کے تبادلے کے حوالہ سے بتایا کہ 2012 سے 2014 کے درمیان فیس بک اور بی جے پی کے درمیان کس نوعیت کی سودے بازی ، مالی و سیاسی مفاد ات کی آبیاری ہورہی تھی ۔ اس کی تفصیلات خود کمپنی کے افشاں ہوئے میمووں سے بے نقاب ہوتی ہیں۔

    جولائی 2012 کے ایک میمو کے مطابق جس میں فیس بک کی پبلک پالیسی کے عالمی نائب صدر، مارن لیون ایک بند کمرے میں ہوئی میٹنگ کے دوران لین دین کے ضوابط کا ذکر کیا ہے جس پر اس وقت کے وزیر برائے قانون و انصاف اور انفارمیشن اینڈ ٹکنالوجی کپل سبل حزب اختلاف کے ممبران پارلیمنٹ سے ان قوانین کو وضع کرنے پر تبادلہ خیال کر نے والے تھے ۔ اس سلسلہ میں یہ حقائق سامنے آئے ہیں:

    • ٭انکھی داس نے بی جے پی ارکان پارلیمنٹ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ وزیر موصوف سے یہ کہیں کہ چونکہ یہ معاملہ ملک کی مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہے اور انہیں یہ دلیل پیش کر کے آئی ٹی قوانین میں ٹھوس تبدیلیوں سے باز رکھنا چاہیے … ہم نے گوگل اور YI کی مقامی پالیسی سے اس بارے میں بات کی ہے کہ وہ کن نکات پر وزیر موصوف سے بات کریں گے ‘‘ ‘ ہم نے ایک خاکہ بھی تیار کیا جو راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈا ارون جیٹلی آئی ٹی ضوابط پر بحث کے دوران استعمال کرسکتے ہیں ۔‘‘
    • ٭ اسی میمو میں پرائیویسی یا رازداری کے قانون کا بھی تذکرہ تھا اس قانون کا مسودہ ریٹائرڈ جسٹس اے پی شاہ کی سربراہی میں‘پرائیویسی ماہرین کا ایک گروپ’ تیارکررہا تھا۔’’انکھی (داس) اس کمیٹی میں حکومت کے نامزد ارکان سے رابطہ قائم کئے ہوئے تھی … لیکن کمیٹی کے ارکان ڈی پی اے یا Data Protection Act کی ہیئت اور ان کے اختیارات کے بارے میں صاف صاف نہیں بتا رہے تھے۔‘‘
    • ٭ اسی دوارن فیس بک سپریم کورٹ میں آئی ٹی ایکٹ کے کچھ پہلوؤں کو چیلنج کرنے والے مقدمہ کے حوالے سے ’’ کولیشن ‘‘ کی میٹنگوں میں سرگرمی سے حصہ لے رہا تھا۔ عدالت میں مفاد عامہ کی چار عرضیوں پر سماعت ہو رہی تھی ۔ ایک عرضی ممبر پارلیمنٹ راجیو چندر شیکھر نے دائر کی تھی۔ ( جو اب بی جے پی کے باضابط رکن ہیں اور ارنب گو سوامی کے ساتھ ری پبلک ٹی وی کے مالک ہیں۔)
    • میمو میں بتایاگیا ہے کہ ’’ حکومت ہند کے خلاف مفاد عامہ کی یہ کل چار عرضیاں جن پر سماعت فروری سے اپریل 2013 کے درمیان ہوں گی اور حکومت کو اپنا دفاع کرنا ایک مشکل کام ہوگا۔‘‘
    • ٭اس میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’ہم نے مختلف گروپوں کی میٹنگ کی ہے اور طے کیا کہ اس مسئلے کو پریس میں زندہ رکھا جائے گا تاکہ عدالت کے سامنے عوام کے جذبات پیش ہو سکیں ۔ وزیر کپل سبل نے کہا ہے کہ اب ان معاملات کا فیصلہ سپریم کورٹ کرے گی۔ ہم نے ایک اخبار کی خدمات حاصل کی ہیں ۔۔۔۔۔۔ وہ ہمارے مقصد کی خبر یں شائع کرے گا۔
    • ٭ لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے اعلان کے ایک دن بعد یعنی 17 مئی 2014 کو انکھی داس نےایک مضمون لکھا ۔جس میں دعوی کیا گیا کہ ’’ انڈیا کے 2014 کے انتخابات بہت ساری وجوہ کی بناء پر یاد رکھے جائیں گے لیکن خاص طور پر: سوشل میڈیا پلیٹ فارموں کی وجہ سے ، جو 2011 سے حکومت کی بندشوں ( سنسرشپ ) سے نبر د آزما تھے اس کے باوجود وہ انتخابی مہم کا ایک اہم ذریعہ بن گئے اور آزادانہ سیاسی اظہار اور منظم مہم چلانے کا مرکز بن گئے ‘‘۔
    • ‘‘ہم نے 4 مارچ کو اپنا انتخابی ٹریکر شروع کیا اور پوری انتخابی مہم کے دوران بی جے پی مسلسل اول مقام پر رہی اور نریندر مودی سر فہرست لیڈ ر ۔۔۔۔ ‘
    •  بی بی سی کی رپورٹ / مضمون میں فیس بک کے ترجمان اور پالیسی کمیونی کیٹر، منیجر اینڈی اسٹون کے حوالے سے کہا کہ
    • فیس بک کے نمائندے نے بی بی سی سے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ انکھی داس نے ’’ مسٹر سنگھ کو خطرناک شخصیت بتانے کے سیاسی عواقب سے باخبر کیا تھا مگر اس کا کہنا تھا کہ مسٹر سنگھ کو فیس بک پر جگہ دینے کی وجہ صرف داس کی مخالفت نہیں تھی ۔‘‘
    •  26 مارچ 2018 کو وزیر اعظم نریندر مودی نے بی جے پی کے ہر رکن پارلیمنٹ کو تلقین کی کہ ہ وہ اپنے فیس بک پیج پر کم سے کم تین لاکھ لائئک ( likes) حاصل کریں۔
    •  ستمبر 2018 میں امت شاہ نے راجستھان میں بی جے پی کے سوشل میڈیا کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بڑے فخر سے یہ انکشاف کیاکہ ’’ہم کسی بھی پیغام کو عوام تک منٹوں میں پہنچا سکتے ہیں ، چاہے وہ میٹھا ہو یا کھٹا، سچا ہو یا جھوٹا ۔‘‘ انہوں نے 2017 کے اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے ایک کارکن کے ذریعہ ایک جھوٹی خبر کو وائرل کرنے کی مثال پیش کی ۔اس جھوٹی خبر میں دعوی کیا گیا تھا کہ اکھلیش یادو نے، جو اس وقت یوپی کے وزیر اعلی تھے اپنے والد ملائم سنگھ کو تھپڑ مارا ہے ۔‘‘ اور ہم یہ خبر اس لئے پھیلا سکے کیونکہ ہمارے واٹس ایپ گروپوں میں 32 لاکھ افراد موجود ہیں ۔‘‘
    •  بی جے پی نے 2019 کے عام انتخابات کے دوران سیاسی اشتہاروں کے لئے سب سے زیادہ سوشل میڈیا اور دیگر میڈیا میں جگہ حاصل کی۔
    •  2018 میں ایک میگزین نے امت شاہ کے بیٹے جے شاہ کے خلاف بدعنوانی کے بارے میں ایک مفصل رپورٹ شائع کی لیکن اس رپورٹ کو فیس بک نے اپنے یہاں چھپنے نہیں دیا۔
    •  کاروان میں چھپی ایک امریکی صحافی (انجی پینی) کی رپورٹ۔ انکھی داس نے مانیکا بیکرٹ (ہیڈ آف گلوبل پالیسی مینجمنٹ، فیس بک) کی موجودگی میں ’’ خواتین کو رائٹ ونگ گروپوں اور زبانی دھمکیوں کے بارے میں فیس بک کی پالیسی کے حوالے سے جواب دیا کہ ’’آپ امریکہ میں رہ رہے ہیں؛ آپ انڈیا کو نہیں سمجھ پائیں گے۔‘‘
    •  جون 2017 میں انڈیا کے الیکشن کمیشن نے رائے دہندگان میں بیداری مہم کے لئے فیس بک انڈیا کے ساتھ شراکت کا آغاز کیا۔ ایک سال بعد 23 مارچ 2018 کو چیف الیکشن کمشنر او پی راوت نے اعلان کیا کہ ڈیٹا کی چوری کے خدشات کے پیش نظر الیکشن کمیشن فیس بک انڈیا کے ساتھ اپنی شراکت پر نظر ثانی کر رہا ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ اس شراکت سے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات پر اثر پڑ سکتا ہے۔ تاہم بمشکل چار دن بعد ہی الیکشن کمیشن نے ان ’’ خدشات ‘‘ کونظر انداز کرکے فیس بک انڈیا سے اپنی شراکت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔
    •  اخبار کے مطابق فیس بک کے اندرونی پلیٹ فارم کے 11 ملازمین نے کمپنی کے افسران سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ’’ مسلم مخالف مواد ‘‘ کی مذمت کریں اور فیس بک کی غیر جانبدارانہ اور سیکولر پالیسی کا تحفظ کریں ۔

    یہ فیس بک انڈیا اور بی جے پی کے مابین ملی بھگت کی متعدد مثالیں ہیں جن سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ فیس بک نے اپنی روایتی پالیسی کے برخلاف ہندو فرقہ پرست قوتوں کے نفرت انگیز اور زہریلے ایجنڈے کو تقویت پہنچانے میں پورا پورا تعاون فراہم کیا ۔ اس کی اصل وجہ پیسہ ا ور مالی فائدہ کا لالچ ہے۔فیس بک کے زیر ملکیت واٹس ایپ لائسنس کا منتظر ہے۔ انڈیا میں اس کے کاروبار کے زبردست امکانات ہیں جہاں اس میسیجنگ ایپ یعنی واٹس اپ کے 40 کروڑ صارفین ہیں۔ یہ بھی بات سامنے آئی ہے کہ فیس بک نے مکیش امبانی کی ریلائنس جیو کمپنی کے دس فی صد شیئر جن کی مالیت 43,574 کروڑ ہے حاصل کئے ہیں جو دنیا میں کہیں بھی ٹیک کمپنی کے ذریعہ اقلیتی حصص کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے۔

    امریکی اخبار نے جو دنیا کے متعدد شہروں سے شائع ہوتا ہے اپنی رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا کہ فیس بک نے بی جے پی کی الیکشن میں ہر طرح سے مدد کی تھی ۔اس نے پاکستانی فوج اور کانگریس پارٹی کے غیر مصدقہ فیس بک پیج اور بی جے پی سے متعلق جھوٹی خبروں والے پیج ہٹادئیے تھے ۔ بی جے پی کے تلنگانہ سے ایم ایل اے ٹی راجا اور بی جے پی ممبرپارلیمنٹ اننت کمار ہیگڑے منافرانہ پوسٹوں کو نہیں ہٹایا ۔ یہ دونوں مسلمانوں کے خلاف زہر اگلنے میں کافی شہرت رکھتے ہیں۔ تاہم وال اسٹریٹ کے مطابق جب ا نکھی داس سے اس معاملہ پر باز پر س کی گئی تو انہوں نے ’’ فیس بک اسٹاف ممبروں کو بتایا کہ ’’مسٹر مودی کی جماعت سے تعلق رکھنے والے سیاستدانوں کی طرف سے فیس بک کے قواعد کی خلاف ورزی پر تادیبی کارروائی کے نتیجہ میں انڈیا میں کمپنی کے کاروباری امکانات کو نقصان پہنچے گا‘‘ ۔

    انکھی داس کے بارے میں معلوم ہوا کہ اس کے بی جے پی اور آر ایس ایس کی طلبہ تنظیم اے بی وی پی سے کافی پرانے رشتے ہیں ۔ اس کی جڑواں بہن رشمی داس نہ صرف جے این یو میں اے بی وی پی جنرل سکریٹری تھی بلکہ وہ وہ اب بھی اس تنظیم کی ایک سرگرم رکن ہے ۔ جے این یو کیمپس میں اے بی پی والوں نے جو مار کاٹ اور تشددکا بازار گرم کیا تھا وہ اس کی کھل کر حمایت کر رہی تھی ۔ مزیدبراں یہ کہ 17 اگست کو انکھی داس نے موت کی دھمکیاں ملنے کے بارے میں ایک شکایت پولیس میں درج کی تھی ۔ اس شکایت میں اس نے چھتیس گڑھ کے سینئر صحافی اویش تیواری کا نام بھی شامل کیا جو ہندی نیوز چینل سوراج ایکسپریس کے چھتیس گڑھ کے چیف ہیں۔ تیواری نے ان تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے داس کے خلاف ’’فرقہ وارانہ نفرت و عداوت پھیلانے ‘‘ کے الزام میں ایک ایف آئی آر درج کروائی ہے ۔ انہوں نے دی کوئنٹ نامی ویب سائٹ کو بتایا کہ داس نے پلوامہ، سی اے اے۔ این آر سی، اور قبائلی امور پر ان کے مضامین کو فیس بک پر پوسٹ ہونے نہیں دیا تھا جس میں مرکزی حکومت کو نکتہ چینی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

    کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے فیس بک کے چیئرمین اور سی ای او مارک زکربرگ کو ایک خط ارسال کرکے مطالبہ کیا کہ وہ فیس بک انڈیا کی قیادت اور حکمران بی جے پی کے درمیان مبینہ سانٹھ گانٹھ کی اعلی سطح پر تحقیقات کریں۔ خط میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ انکوائری کی رپورٹ ایک یا دو ماہ میں فیس بک کے سامنے بورڈ میں پیش کی جائے اور اسے عام کیا جائے۔اپنے ٹویٹر ہینڈل پر اس خط کو ذکر کرتے ہوئے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا کہ تمام شہریوں کو فیس بک سے سوال کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نفرت ، فرضی خبروں اور نفرت انگیز تقاریر کے ذریعہ جمہوریت کو کمزور کرنے کی کسی بھی کوشش کی اجازت نہیں دے سکتے ہیں۔ جیسا کہ وال اسٹریٹ اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ فیس بک انڈیا میں نفرت انگیز مواد اور جھوٹی خبرییں پھیلانے میں ملوث ہے ۔

    راہل نے کہا کہ ’’بی جے پی اور آر ایس ایس انڈیا میں فیس بک اور واٹس ایپ کو کنٹرول کرتے ہیں وہ اس کے ذریعے جھوٹی خبریں اور نفرت پھیلاتے ہیں اور اس کے ذریعہ ووٹروں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔ بہرحال اب امریکی میڈیا نے فیس بک کی اصلیت کو عوام کے سامنے لادیا اور بی جے پی کو کٹہرے میں کھڑ اکردیا ہے ۔ راہل کے ان ٹویٹس سے بی جے پی بوکھلا اٹھی ۔ اور اس نے ان کا جواب دینے کے بجائے کیمبرج اینالیٹیکا Cambridge Analytica کے ڈیٹا کا معاملہ اٹھایا ۔ اس بارے میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ برطانیہ میں واقع اس کمپنی نے کانگریس کو فیس بک کا کچھ ڈیٹا ( معلومات ) فراہم کی تھی تاکہ وہ 2019 کے عام ا انتخابات میں ووٹروں کو متاثر کر سکے ۔

    مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے کانگریس کو شکست خوردہ جماعت قرار دیتے ہوئے ٹویٹ کیا، ”آپ انتخابات سے قبل کیمبرج اینالیٹیکا اور فیس بک سے ڈیٹا لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے تھے ، پھر بھی ہم سے سوال کر نے کی جرات کر رہے ہیں۔ــ‘‘ حکمراں جماعت نے اپنی خجالت مٹانے کے لئے الٹے فیس بک کولیٹر لکھا کہ اس کے پلیٹ فارم سے ’’ نفرت انگیز‘‘ مواد نشر ہوتا ہے۔

    کانگریس، سی پی آئی (ایم) کے علاوہ، ویلفیئر پارٹی آف انڈیا اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا اور دیگر پارٹیوں نے بھی فیس بک کے اس رویہ کی شدید مذمت کی ہے ۔ ان جماعتوں نے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کی تحقیقات کے مطالبے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ کوئی بھی ایسی حرکت جو جمہوریت کی بنیادوں کو کمزور کرتی اور ہماری معاشرتی ہم آہنگی کو خراب کر تی ہے اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘‘

    ویلفیئر پارٹی کے قومی صدر ڈاکڑ سید قاسم رسول الیاس نے کہا کہ فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا گروپس عوامی پلیٹ فارم ہیں ،جنہیں ہر تعصب اور سیاسی جانبداری سے بالا تر ہونا چاہیے۔برسرِاقتدار پارٹی بی جے پی اور فیس بک کے درمیان جو ناجائز گٹھ جوڑ اور ساز باز سامنے آیا ہے وہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ڈاکٹر الیاس نے آگے کہا کہ ایسی اشتعال انگیز اور نفرت آمیز تقاریر نہ صر ف عوام کو تشدد پر ابھارتی ہیں بلکہ انتخابات کے وقت عوام کو پولورائز کرکے انتخابی عمل کو بھی متاثر کرتی ہیں۔ فیس بک کا یہ رویہ اس کی عالمی پالیسی جس کا ہر حال میں اسے لحاظ کرنا چاہیے کے نہ صرف منافی ہے بلکہ غیر اخلاقی اور غیر معیاری بھی ہے۔

    پارلیمنٹری اسٹینڈنگ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹکنالوجی کے چیئرمین اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ،ڈاکٹر ششی تھرور نے بھی 2 ستمبر کو فیس بک اور وزارت آئی ٹی وزارت کے نمائندوں کو طلب کیا ہے ۔ کمیٹی نے دو ڈھائی گھنٹے تک فسی بک کے افسران سے سخت باز پرس کی ۔ بی جے پی نے فیس بک افسران کا طلب کرنے کے اقدام کی مخالفت کی تھی ۔۔ اس کے رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے نے لوک سبھا اسپیکر کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے تھرور کو پارلیمانی پینل کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا ۔ کمیٹی نے فیس بک کے نمائندوں کو دوبارہ بلانے کا قصد کیا ہے ۔

    اس تحریر کے قلم بندکئے جانے تک وال اسٹریٹ جرنل نے مزید دو خصوصی رپورٹیں شائع کیں جن میں نئے انکشافات کئےگئے ۔ اسی طرح ٹائم میگزین نے بھی ، جس کے نتیجہ میں فیس بک پر دبائو بڑھ گیاہے۔

    اس میں کوئی حیرت کی بات نہیں کہ بی جے پی پارلیمنٹ کی جانچ سے کیوں گھبرا رہی ہے؟ جب فیس بک کی پیشہ ورانہ دیانت پر سوالات کھڑےکئے جاتے ہیں تو کوئی اور نہیں بلکہ مرکزی وزیر برائے قانون و انصاف روی شنکر پرساد کے فیس بک کے دفاع کے لئے میدان میں آجاتے ہیں۔ یہ تعجب کی بات نہیں کہ خود وزیر اعظم اپنی جماعت کے ارکان پارلیمان سے فیس بک صفحات پر کم ازکم تین لاکھ لائک کی تلقین کر کے فیس بک کو فروغ دیتے ہیں اور اس کے عوض فیس بک ا س بات کو یقینی بناتا ہے کہ اپنی مسلمہ عالمی پالیسی کے بر خلاف بی جے پی اور آر ایس ایس کے ایجنڈے کو تقویت پہنچانے کے لئے ان کے منافرانہ مواد اور تقریروں کو فیس بک پر جگہ دیتا ہے ۔

  • بابری مسجدپر سپریم کورٹ کا فیصلہ

    بابری مسجدپر سپریم کورٹ کا فیصلہ

    جلیل الرحمن ندوی، غازی آباد

    9،نومبر 2019ء کو سپریم کورٹ کے پانچ ججوں پر مشتمل بنچ کے بابری مسجد پر متفقہ فیصلے سے بادی النظر میں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ سیاسی، سماجی اور قومی نقطۂ نظر سے مسلم ملت کی عزتِ نفس اور ملّی وقار مجروح ہوا ہے اور ہندوستان کی عدالتِ عظمیٰ نے اکثریت کی بالادستی کو تسلیم کر لیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بہت سے مسلم قائدین اور عام مسلمانوں کی طرف سے اس فیصلے پر دکھ اور افسوس کے ساتھ مایوسی کا اظہار کیا گیا۔ سب سے پہلے ہمیں اس بات کا ادراک ہونا چاہیے کہ موجودہ ہندوستان میں مسلمانوں کے لیے بابری مسجد کے قضیے کی سیاسی، سماجی اور قومی حیثیت سے زیادہ دینی اورمذہبی حیثیت ہے۔ اگر قومی اور گروہی کشمکش کے بجائے خالص اسلامی اور دینی نقطۂ نظر سے غور کیا جائے تو موجودہ حالات میں یہ مسئلہ ہمارے لیے دینی اعتبار سے بھی کلیدی حیثیت کا حامل نہیں ہے کیونکہ ملتِ اسلامیہ ہند کے لیے بابری مسجد کے تحفظ سے کہیں زیادہ اہم مسائل درپیش ہیں جن کی جانب انشاء اللہ مضمون کے آخر میں نشان دہی کی جائے گی۔ جب کہ فریقِ مخالف کے سیاسی قائدین نے اپنی توہّم پرست اور دیو مالائیت کی پرستار قوم کے سامنے اس مسئلے کو ان کے سوابھمان(قومی وقار) کے لیے سب سے اہم اور کلیدی حیثیت سے پیش کرنے میں کامیابی حاصل کر لی تھی۔
    اللہ تعالیٰ نے قرآن میں مختلف مقامات پر یہ بات ارشاد فرمائی ہے کہ اللہ تعالیٰ کسی فرد یا قوم پر اس کی طاقت سے زیادہ ذمے داری نہیں ڈالتا۔ یہاں تک کہ خود انبیائے کرام بھی دعوت کے اس بنیادی اصول سے مستثنیٰ نہیں تھے۔ لہٰذا قرآنِ کریم کے اس اصول کی روشنی میں بابری مسجد کے سلسلے میں بھی اللہ تعالیٰ نے ہمیں جس چیز کا مکلف بنایا ہے وہ صرف یہ ہے کہ کوئی مسلمان فرد یا مسلمانوں کا کوئی گروہ مرکزِ توحید یعنی اللہ کی عبادت گاہ کو مرکزِ شرک(بت خانے) میں تبدیل کرنے کے لیے رضامند یا معاون نہ بن جائے۔ اگر کوئی ایسا کرے گا تو وہ خود اپنی آخرت ہی ناکام کر ے گا۔
    آج کل کچھ مسلمان یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ اگر سپریم کورٹ سے مقدمہ واپس لے کر مسلمانوں کی جانب سے مصالحت کا کوئی معاملہ کر لیا جاتا تو بغیر کسی کشمکش کے باہمی رضامندی کے ساتھ پانچ ایکڑ خطۂ زمین سے کہیں زیادہ زمین اور دیگر مراعات حاصل ہو سکتی تھیں۔ یہی بات تقریباً ایک سال قبل شری شری روی شنکر اور مولانا سید سلمان حسینی ندوی صاحب نے مصالحت کا ایک فارمولہ طے کرنے کے بعد کہی تھی۔ اوراپنے تیار کردہ صلحِ کُل کے فارمولے کی تائید میں فقہِ حنبلی کے مطابق دلیل پیش کی تھی کہ کسی ناگزیر اجتماعی یا عوامی ضرورت کے لیے مسجد کو کسی دوسری جگہ منتقل کیا جا سکتا ہے، اور بہت سے عرب ممالک میں اس پر عمل بھی کیا گیا ہے۔ راقم الحروف نے اسی وقت ایک مضمون تحریر کیا تھا جو مولانا موصوف کی خدمت میں ارسال کرنے کے ساتھ سہ روزہ دعوت میں بھی شائع ہوا تھا، جس کا حاصل یہ تھا کہ’’ ایسی ناگزیر عوامی ضرورت -جس کی بنا پر مسجد کو منتقل کیا جاسکتا ہو- بہ قول آپ کے بھی صرف شارعِ عام یعنی ہائی وے کی توسیع کی ضرورت ہو سکتی ہے۔ جس عبادت گاہ میں اللہ کے سامنے کھڑے ہوکر ’’ایّاک نعبد وإیّاک نستعین‘‘ کے عہد واقرار کے ساتھ صرف اسی کے لیے رکوع اورسجدہ ریزی کی جارہی ہو، اس جگہ کو معبدِ شرک یا بت خانے میں تبدیل کرنے کا جواز یا تعاون ورضامندی کی گنجائش کہاں ہے؟ ‘‘

    ہر مسلمان کو ہمیشہ یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو امتِ خیر، امتِ وسط اور ایک داعی گروہ بناکر اس دنیا میں بھیجا ہے اور اس وقت اللہ تعالیٰ کا خالص دین ’اسلام‘ اور اس کی اصلی کتاب ’قرآن کریم‘ صرف آپ کے پاس محفوظ ہے جو اپنے مخاطب ہر انسان کو تفہیم وتدبر اور کائنات میں اللہ کی توحید کی نشانیوں میں تفکر کی دعوت کے ساتھ عقلِ سلیم کو اپیل کرتی ہے۔ اس کی سب سے پہلی آیت کا نزول ہی حصولِ علم کے حکم سے شروع ہواہے۔ جب کہ برادرانِ وطن کے جس طبقے سے آپ کا واسطہ ہے اس کے مشرکانہ عقائد اور توہم پرستی کی کوئی حد متعین نہیں۔ کوئی بھی مذہبی پیشوا جب چاہتا ہے ایک نیا عقیدہ اور نیا دیوتا ایجاد کر دیتا ہے۔ ان کی آستھا (عقیدت)میں عقل ودلیل اور علم وتدبر کا کوئی دخل نہیں ہوتا، جس کا وہ فخریہ انداز میں اقرار کرتے ہیں اور جس کی کچھ جھلکیاں سپریم کورٹ میں بحث کے دوران فریقِ ثانی کے معزز وکلاء کے بعض ریمارکس میں بھی نمایاں طور پر نظر آتی تھیں۔ایک جج صاحب نے ایک وکیل صاحب سے جب سوال کیا کہ کسی شخصیت کے جنم استھان ہونے کا مطلب یہ کیسے ہوگیا کہ وہاں لازماً مندر بھی ہو، تو وکیل صاحب نے جواب دیا کہ ہمارے لیے اجودھیا کی حیثیت شہر مکہ اور کعبہ کی طرح ہے جو پروفٹ محمدؐ کی جائے پیدائش ہے۔ اس کے بعد جج صاحب نے مسلمان وکیل سے سوال کیا کہ خانۂ کعبہ کس نے تعمیر کیا تھا تو مسلم وکیل صاحب نے جواب دیا کہ خانۂ کعبہ حضرت محمدؐ کی پیدائش سے تقریباً ڈھائی ہزار سال قبل حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ نے ایک اللہ کی عبادت کے لیے تعمیر کیا تھا۔ وہ کسی بھی پروفٹ کی جائے پیدائش نہیں تھی۔
    اپنے اس منصب اور ذمے داری کو پیشِ نظر رکھ کر سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے وہ اہم نکات -جن کو مسلمانوں کی قانونی فتح کہا جاسکتا ہے، مندرجہ ذیل ہیں۔ ان پر غیر جانبدارانہ غوروفکر کی ضرورت ہے:
    1- ہمارا یہ فیصلہ کسی کی آستھا پر نہیں، بلکہ ثبوت وشواہد پر مبنی ہوگا۔
    2-جنم استھان یا جنم بھومی بہ ذاتِ خود کوئی قانونی شخصیت نہیں ہو سکتی۔
    3-ایسا کوئی ثبوت یا آثار نہیں ہیں کہ بابری مسجد کسی مندر یا دیگر عمارت کو منہدم کرکے بنائی گئی تھی۔(اس شق میں عدالت نے سنگھ پریوار کے تمام جھوٹے الزامات کی تردید کر دی ہے جو مسلم فریق کی سب سے بڑی قانونی فتح ہے، کیونکہ ان کے مقدمے کا مکمل دارومدار صرف اس بنیاد پر تھا کہ بابری مسجد رام کے مندر کو توڑ کر تعمیر کی گئی ہے، جب کہ اجودھیا شہر میں تقریباً ایک درجن مندر اس مفروضے پر قائم ہیں کہ یہی شری رام کا جنم استھان ہے۔)
    4-1527ء میں مغل بادشاہ بابر کے زمانے میں بابری مسجد کی تعمیر ہوئی اور تب سے1949ء تک مسجد پر مسلمانوں کا قبضہ رہا، اور1857ء سے22 دسمبر1949ء تک اس میں نماز ادا کی جاتی رہی، اگرچہ 1857ء سے پہلے مسلم فریق مسجد میں نماز کی ادائیگی کا ثبوت نہیں دے سکا۔
    5-22/ اور 23/ دسمبر 1949ء کی درمیانی شب میں بابری مسجد کے اندر ایک سازش کے تحت مورتیاں نصب کرائی گئیں اور مسجد میں تالا لگا کر مسلمانوں کو جبراً نماز پڑھنے سے روک دیا گیا۔
    6-بائیس دسمبر 1949ء کو ایک سازش کے تحت بابری مسجد کے اندرونی حصے میں درمیانی گنبد کے نیچے مورتیاں رکھنا انتہائی غیر قانونی اور مجرمانہ عمل تھا۔
    7-6دسمبر 1992ء کو دن کے وقت شرپسندوں کے ذریعے بابری مسجد کو منہدم کرنا ایک غیر قانونی اور انتہائی مجرمانہ عمل تھا۔(ان دونوں نکات کے ذریعے سپریم کورٹ کے ذریعے آئندہ کبھی بھی ایسے افعال کی مثال کو غیر قانونی اور مجرمانہ عمل قرار دینے کی نظیر قائم کر دی گئی ہے۔ قانون داں حضرات اس کو بہ خوبی سمجھ سکتے ہیں۔)
    یہاں تک مندرجہ بالا نکات پکار پکار کر مسلم فریق کی قانونی فتح کا اعلان کر رہے ہیں۔ پھر سوال پیدا ہوتا ہے کہ اپنے فیصلے میں مجرمانہ اعمال کے مرتکبین کو سپریم کورٹ نے پوری متنازعہ زمین کا مالک کیوں بنا دیا؟ اس تمام کارروائی کے لیے سپریم کورٹ کے فاضل جج صاحبان نے بہ ظاہر صرف مندرجہ ذیل نکات کا سہارا لے کر اپنا غیر منصفانہ فیصلہ تیار کر لیا:
    ۱-کچھ غیر ملکی سیاحوں نے لکھا ہے کہ مسلمان بابری مسجد کے اندر نماز پڑھتے تھے اور ہندو مسجد کے باہری حصے میں پوجا پاٹ کیا کرتے تھے۔ جب کہ یہ بات مسلمانوں نے بھی تسلیم کی ہے کہ ہندو 1885ء کے بعد سے مسجد کے باہر ایک چبوترہ پر،جس کو وہ رام کا جنم استھان کہتے ہیں، پوجاپاٹ کیا کرتے تھے۔
    ۲-مسلم فریق کے وکلایہ بات ثابت کرنے میں ناکام رہے ہیں کہ 1528ء میں بابر کے سپہ سالار میر باقی نے بابری مسجد کی تعمیر کے لیے جو خالی زمین حاصل کی تھی وہ کس جائز طریقے(یعنی رضامندی،یا خرید وفروخت کے ذریعے) سے حاصل کی گئی تھی۔
    گذشتہ سات نکات میں سپریم کورٹ نے مسلم فریق کی مکمل بے گناہی اور تمام جھوٹے الزامات سے براء ت کے بعد ان آخری دو نکات میں انتہائی ہوشیاری کے ساتھ اس جگہ کو متنازعہ جگہ قرار دے دیا۔ یعنی ایک یہ کہ دونوں فریقوں کی وابستگی اس جگہ کے ساتھ رہی ہے جس کو مسلمانوں نے بھی تسلیم کیا ہے، چاہے وہ مسجد کے باہری احاطے میں ہی کیوں نہ ہو،دوسرے یہ کہ قبضہ کے علاوہ جگہ کی ملکیت کے قانونی کاغذات دونوں فریق میں سے کوئی بھی پیش نہیں کر سکا ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ ایک فریق کا قبضہ تقریباً پانچ سو سال قدیم ہے اور دوسرے کا قبضہ 1986ء میں مسجد کا تالا کھلنے اور اور اندر جاکر پوجاپاٹ کرنے کے بعد ہوا ہے۔ لہٰذا سپریم کورٹ نے ملک کے امن کو برقرار رکھنے اور دو قوموں کو انتشار سے محفوظ رکھنے کے لیے جدید قبضے والے فریق کی کثرتِ تعداد کو دیکھتے ہوئے متنازعہ 2.77- ایکڑ زمین رام للّا کے نمائندوں کو دے کر مرکزی حکومت کو مندر کی تعمیر کے لیے ایک ٹرسٹ بنانے کا حکم دے دیا۔
    دوسری طرف قدیم قبضے والا فریق اگرچہ وہ قدیم بھی تھا اور اس کی مدتِ قیام بھی جدید قبضہ والے فریق سے زیادہ طویل تھی،لیکن چونکہ وہ اقلیت میں ہے اس لیے اس کو منانا زیادہ آسان سمجھا گیا۔ لہٰذا اس کو خوش کرنے کے لیے 2.77- ایکڑ کے مقابلے میں تقریباً دو گنی یعنی پانچ ایکڑ زمین اجودھیا شہر کے اندر ہی کسی معیاری اور پسندیدہ جگہ پر مرکزی یا صوبائی حکومت کو مسلم فریق یعنی سنّی وقف بورڈ کے حوالے کرنے کا حکم دیا گیا جس میں ایک بڑی مسجد یا اسلامی سینٹر کی تعمیر کی جاسکے۔
    دراصل ایسے متنازعہ معاملات میں آئین کا آرٹیکل 142، سپریم کورٹ کے جج صاحبان کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ متنازعہ مقام کے جائے وقوع کے حالات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اپنی صواب دید سے فیصلہ صادر فرمادیں۔ اس کو ہماری فقہی زبان میں اجتہاد کہا جاتا ہے۔ سچائی یہ ہے کہ سپریم کورٹ کا مذکورہ بالا فیصلہ نہ تو ثبوتوں کی بنیاد پر ہے اور نہ ہی صرف آستھا یا عقیدے کی بنیاد پر،بلکہ یہ آرٹیکل 142 کے تحت متنازعہ خطہ کے جائے وقوع کے حالات کے پیشِ نظر جج صاحبان کے اپنے اجتہاد پر مبنی ہے۔اب سوال یہ ہے کہ ان کا اجتہاد فریقِ ثانی، جس کو وہ خود ہی شرپسند اور مجرم قرار دے رہے ہیں، کی مرضی کے مطابق کیوں ہوا۔ اس کا مختصر اور سادہ جواب یہ ہے کہ 1949ء میں اگر فوراً مورتیاں ہٹا کر اور متنازعہ مقام قرار دے کر تالا لگا دیا جاتا اور کانگریس کی مرکزی اور صوبائی حکومتوں کی سرپرستی میں 1986ء میں مسجد کا تالا کھول کر پوجا پاٹ کی اجازت نہ دی جاتی،1989ء میں بابری مسجد کے قریب ہی راجیو گاندھی کے ذریعے مندر کا شیلا نیاس(سنگِ بنیادرکھنا) نہ کرایا جاتا اور 6 دسمبر 1992ء کو مرکزی کانگریسی حکومت اور اتر پردیش کی بی جے پی حکومت کی مشترکہ سازش کے تحت بابری مسجد کی شہادت یا انہدام کا عمل نہ ہوا ہوتا بلکہ مسجد اپنی اصل صورت میں تالا بند ہی سہی ،قائم رہتی تو سپریم کورٹ کے موجودہ جج صاحبان کا مشترکہ اجتہاد یا متفقہ فیصلہ اس کے برعکس مبنی بر حق ہونے کا کہیں زیادہ امکان تھا۔ لیکن اب موجودہ قابلِ عمل صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے پانچ جج صاحبان -جن میں ایک مسلمان بھی شامل ہیں، نے جو اجتہادی فیصلہ کیا ہے اس پر باریک بینی سے غور کیا جائے تو اس میں بھی مسلمانوں کی قانونی اور اخلاقی کامیابی پوشیدہ ہے۔ جس میں ہمارے وکلاء کی محنت اور بھرپور تیاری کا بھی موثر کردار رہا ہے۔ قانونی کامیابی یہ ہے کہ یہ بات واضح اور منقح ہوکر پوری دنیا کے سامنے آگئی کہ بابری مسجد کسی مندر یا دیگر کسی عمارت کو توڑ کر نہیں بنائی گئی تھی۔ 1949ء میں مسجد کے اندر مورتیاں کسی دیومالائی کہانی کے طرز پر پرکٹ(ظاہر) نہیں ہوئی تھیں، بلکہ وہ چند شرپسند مجرمین کا ایک غیر قانونی عمل تھا۔ اور 6 دسمبر1992ء کو بابری مسجد کی عمارت کو غیر قانونی طور پر اور انتہائی مجرمانہ تخریب کاری کے طریقے سے شہید کیا گیا جب کہ اس سے قبل مجرمین کی جانب سے سپریم کورٹ میں بابری مسجد کی سلامتی اور حفاظت کا حلف نامہ بھی داخل کیا جاچکا تھا۔ سپریم کورٹ کا یہ ریمارک مستقبل میں اس طرح کے مجرم عناصر کو قانونی طریقے سے کیفرِ کردار تک پہنچانے کا دروازہ کھول دیتا ہے۔
    ہماری اخلاقی ودینی کامیابی یہ ہے کہ معبدِ توحید(اللہ کی مسجد) کو معبدِ شرک(صنم خانے) میں بہ رضا ورغبت تبدیل کرنے جیسے بدترین گناہ(ظلمِ عظیم) سے عند اللہ مسلمانوں کے تمام افراد (چند منافقین سے قطعِ نظر) اور گروہ یا ادارے محفوظ رہے۔لہٰذا بہ حیثیتِ مجموعی ملتِ اسلامیہ ہند دینی وشرعی اعتبار سے جس بات کی مکلف تھی یعنی پُرامن طریقۂ کار سے آخری حد تک قانونی چارہ جوئی کرنا،الحمد للہ اس میں وہ پوری طرح کامیاب ہے، جس میں اس کے لائق ومحترم وکلاء(جن میں خصوصاً ڈاکٹر راجیو دھون نے بھی حضرت ابوطالب کا کردار ادا کیا ہے) نے اس مقدمے کو بہ حسن وخوبی پایۂ تکمیل کو پہنچایا جس کے لیے وہ سب لائقِ ستائش اور قابلِ مبارک باد ہیں۔سپریم کورٹ کی جانب سے اپنے فیصلہ پر ریویو پیٹیشن(درخواستِ نظرِ ثانی) کی جو گنجائش رکھی گئی تھی عند اللہ قانونی چارہ جوئی کی اتمامِ حجت کے لیے مسلم پرسنل لا بورڈ کے ذریعے اس کو بھی عملی جامہ پہنایا جاچکا ہے۔لہٰذا اس تمام قضیہ میں اب ہم صرف مندرجہ ذیل امور کے مکلف ہیں:
    1-1992ء میں مسجد کے انہدام کے مرتکبین کو سپریم کورٹ مجرم قرار دے چکا ہے۔لہٰذا ان کو ممکنہ حد تک سزا دلانے کی بھرپور قانونی کوشش کی جانی چاہیے تاکہ دیگر اسلامی مراکز کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے اور فرقہ پرست شر پسند عناصر کے عزائم پر لگام لگائی جاسکے۔
    ۲-سپریم کورٹ کے فیصلے اور حکم کے مطابق حکومت کی جانب سے مسلمانوں کو دی جانے والی پانچ ایکڑ اراضی کسی کا احسان نہیں،بلکہ مسلمانوں کا قانونی استحقاق ہے۔ اوپر کی تفصیلات کے مطابق ہم بابری مسجد کے تبادلے کے مرتکب نہیں ہوئے،بلکہ اس کو زبردستی ہم سے چھین لیا گیا ہے۔ لہٰذا ملت کے سنجیدہ اور جید علمائے کرام کو اس پر غور کرنا چاہیے کہ ہو سکتا ہے اس میں اللہ کی یہ مشیت کار فرما ہو کہ اجودھیا جیسے شہر میں ہی پُر امن طریقے سے ایک مسجد کے ساتھ اسلامی دعوتی مرکز(لائبریری) کا قیام بھی عمل میں آجائے اور مسجد کا نام بابری مسجد کے بجائے محمدی مسجد وغیرہ رکھا جائے تاکہ وہ دعوتی نقطۂ نظر سے زیادہ مفید ہو۔لیکن ہمیں اس تجویز پر اصرار نہیں ہے،بلکہ علمائے راسخین کو صرف غوروفکر کی دعوت ہے۔
    جیسا کہ مضمون کے شروع میں عرض کیا گیا تھا کہ فی الحال ملتِ اسلامیہ ہند کے لیے بابری مسجد کے علاوہ بھی دیگر متعدد اہم مسائل درپیش ہیں جن میں سب سے نمایاں شریعتِ مطہرہ(مسلم پرسنل لاء) کا تحفظ ہے۔ مرکزی حکومت کے نئے قوانین، سی اے اے،این پی آرا اور پھر این آر سی کے خوف کی تلوار ہے۔ اس کے علاوہ جموں وکشمیر کو ہندوستان کا علاقہ تسلیم کرتے ہوئے بھی کشمیریوں کے بنیادی حقوق کی پامالی ملت کے لیے ذہنی اور نفسیاتی تشویش کا باعث ہے اور ان تمام مشکلات ومسائل کی شاہ کلید صرف مسلمانوں کا باہمی اتحاد اور ان کے اندر ان کے فرضِ منصبی یعنی ایک داعی امت ہونے کا احساس بیدار کرنا ہے،یعنی کلمۂ توحید کی بنیاد پر اتحاد اور فریضۂ دعوت کی اجتماعی طور پر ادائیگی ہی وہ چابی ہے جس سے اللہ تعالیٰ کی نصرت کے ساتھ تمام مسائل کے حل کے دروازے کھل سکتے ہیں۔ورنہ اللہ کی اس کائنات کے نظام کے مطابق ہمارے غیر مسلم برادرانِ وطن اپنی زبانِ قال سے نہیں بلکہ زبانِ حال سے یہ کہتے رہیں گے کہ تم ہماری آخرت کی خرابی کے ذمے دار ہو،لہٰذا ہم تمہاری دنیا خراب کرتے رہیں گے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ملتِ اسلامیہ کے تمام قائدین اور اکابرین کو مذکورہ شاہ کلید کو اختیار کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!

  • پرشانت بھوشن توہین عدالت کیس: سپریم کورٹ نے دوسری بینچ کے ذریعہ سزا سنانے کے لیے وکیل کی درخواست کو مسترد کیا

    پرشانت بھوشن توہین عدالت کیس: سپریم کورٹ نے دوسری بینچ کے ذریعہ سزا سنانے کے لیے وکیل کی درخواست کو مسترد کیا

    نئی دہلی، اگست 20: عدالت عظمیٰ نے وکیل پرشانت بھوشن کی اس درخواست کو مسترد کردیا کہ ان کے خلاف توہین عدالت میں سزا کی مقدار پر سماعت مختلف بینچ کے ذریعہ کی جائے۔

    بھوشن نے، جنھوں نے توہین عدالت کی اپنی سزا کے خلاف نظرثانی کی درخواست دائر کرنے کا ارادہ کیا ہے، عدالت سے استدعا کی تھی کہ ان کی درخواست کا فیصلہ آنے تک سماعت ملتوی کردی جائے۔

    پرشانت بھوشن کو 14 اگست کو قصوروار ٹھہراتے ہوئے عدالت نے کہا تھا کہ ان کے ٹویٹس ’’مسخ شدہ حقائق‘‘ پر مبنی ہیں جس سے عدلیہ کی ’’بنیاد کو غیر مستحکم کرنے‘‘ کا اثر پیدا کیا گیا تھا۔

    عدالت آج سزا کی مقدار پر دلائل سن رہی ہے۔

    جسٹس ارون مشرا، بی آر گوی اور کرشن مراری کے بنچ نے بھوشن کو بتایا کہ ان کے جائزے کی درخواست کا فیصلہ ہونے تک کسی سزا پر کارروائی نہیں کی جائے گی۔

    مختلف بینچ کی درخواست پر عدالت نے کہا ’’آپ ہم سے ناجائز کام کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں کہ سزا سنانے سے متعلق دلائل کسی اور بینچ کے ذریعہ سنے جائیں۔‘‘

  • ہر چار میں سے ایک ہندوستانی کورونا وائرس میں مبتلا ہوسکتا ہے: تھائرو کیئر سروے رپورٹ

    ہر چار میں سے ایک ہندوستانی کورونا وائرس میں مبتلا ہوسکتا ہے: تھائرو کیئر سروے رپورٹ

    نئی دہلی، 20 اگست: ایک معروف نجی لیبارٹری کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں کم از کم ہر چار میں سے ایک شخص کورونا وائرس میں مبتلا ہوسکتا ہے، جو سرکاری اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے۔

    ڈاکٹر اے ویلومانی نے کہا کہ ان کی کمپنی تھائروکیئر نے ہندوستان بھر میں کروائے گئے 270،000 اینٹی باڈی ٹیسٹوں کے تجزیے میں اوسطاً 26 فیصد لوگوں میں اینٹی باڈیز کی موجودگی سے پتہ چلتا ہے کہ وہ پہلے ہی کورونا وائرس سے دوچار ہوچکے ہیں۔

    ویلومانی نے خبر رساں ایجنسی ریوٹرز کو بتایا ’’یہ ہماری توقع سے کہیں زیادہ ہے۔ اینٹی باڈیز کی موجودگی بچوں سمیت ہر عمر کے گروپوں میں یکساں ہے۔‘‘

    تھائروکیئر کی کھوج ممبئی جیسے ہندوستانی شہروں میں کیے گئے سرکاری سروے کے مطابق ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ملک کی گھنی آبادی والے علاقوں میں 57 فیصد آبادی کورونا وائرس کی زد میں آچکی ہے۔

    ویلومانی نے مزید کہا کہ تھائروکیئر کے سروے میں پچھلے سات ہفتوں سے ہندوستان کے 600 شہروں میں متاثرین کے ٹیسٹ کا احاطہ کیا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اگر موجودہ رجحان جاری رہا تو دسمبر کے اختتام سے قبل اینٹی باڈیز رکھنے والی ہندوستانی آبادی 40 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ ایک دن میں ملک میں 70,000 کے قریب نئے معاملات سامنے آئے ہیں۔

  • عالمی یوم آبادی: بڑھتے مسائل اور کم ہوتے وسائل

    عالمی یوم آبادی: بڑھتے مسائل اور کم ہوتے وسائل

    ڈاکٹر سیّد احمد قادری

        عالمی یوم آبادی گزشتہ کئی برسوں سے اس کی اہمیت اور افادیت کے لحاظ سے آج ہی کے دن یعنی 11 جولائی کو عالمی سطح پر منایا جاتا ہے۔ جس میں بڑھتی آبادی کے مسئلہ پر سیمنار، سمپوزیم، تقاریر اور مختلف نمائشوں و ٹیلی ویژن مباحث کے ذریعہ یہ  بتانے کی کوشش کی جاتی ہے کہ بڑھتی آبادی کے باعث اس وقت پوری دنیا کن مسائل سے دوچار ہے۔ دراصل عالمی سطح پر بہت تیزی سے بڑھتی آبادی اور کم ہوتے وسائل کے باعث انسانی زندگی میں طرح طرح کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ 1987 ء میں جب بہت زیادہ بڑھتی آبادی کے سبب کم ہوتے وسائل، مسائل بن کر سامنے آئے، تب اس امر کا شدت سے احساس ہوا،جسے United Nation development Programme (UNDP) کے سامنے رکھا  گیااوران امور پر بہت سنجیدگی سے تبادلۂ خیال کرتے ہوئے ان مسائل کے تدارک کے لئے لائحہ عمل تیار کیا گیا۔ جس کے تحت United Nations Fund for Population Activities   (UNFA)  نے 11 جولائی 1989 سے ہر سال عالمی سطح پر یوم آبادی کے انعقاد کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا، تاکہ عام لوگوں میں بہت تیزی سے بڑھتی آبادی سے پیدا ہونے والے مسائل سے نہ صرف آگاہ کیا جائے، بلکہ ان مسائل کے تدارک کی عملی طور پر بھی سنجیدہ کوششیں کی جائیں۔ اس لئے کہ ایک اندازے کے مطابق عہد حاضر میں انسانی آبادی ہر دن ڈھائی لاکھ سے بھی تجاوز کر رہی ہے، جس سے وسائل کی کمی ہو رہی ہے اور انسانی مسائل شدت اختیار کرتے جا رہے ہیں۔ جوبلا شبہ انسانی زندگی کے لئے باعث تشویش ہے۔ اس ضمن میں عالمی سطح کے ماہرین کا خیال ہے کہ دنیا میں جس تیزی سے آبادی میں اضافہ ہو رہا ہے، اس تناسب میں انسانی وسائل مہیا نہیں ہو رہے ہیں۔ جس کی وجہ کر خوراک کی فراہمی، علاج و معالجہ، رہائش، تعلیم اور دیگر کئی بنیادی سہولیات میں بہت زیادہ ہونے والی کمی کے باعث انسانی زندگی نت نئی دشواریوں اور پریشانیوں سے نبرد آزما ہے۔

           11 جولائی 1989 ء سے بڑھتی عالمی یوم آبادی سے پیدا ہونے والے مسائل سے UNFA روشناس کرانے کی کوشش کر رہا ہے۔ مختلف ممالک میں لوگوں کو یہ بتایا جاتا ہے کہ دنیا میں اوسطََ ہر گھنٹے نوہزار بچے پیدا ہوتے ہیں۔ اس تناسب سے دنیا کی آبادی میں سالانہ آٹھ کروڑ کا اضافہ ہو رہا ہے اور یہ آبادی اسی طرح بڑھتی رہی تو اس کرہ ارض پر کئی ارب آبادی بڑھ جانے کا اندیشہ ہے۔ جو انسانی زندگی اور ماحولیات کے لئے تشویش کا باعث ہے۔ دنیا میں اس وقت کئی ممالک ایسے ہیں، جہاں شرح پیدائش بہت زیادہ ہونے کے سبب ان ممالک میں بچوں کی پیدائش اور ان کی نگہداشت کے ساتھ ساتھ بچے پیدا کرنے والی ماؤں کے لئے طبّی سہولیات کا بھی فقدان ہے۔

             زندگی کے ان اہم امور پر ایک نظر ڈالی جائے تو ہم یہ بھی دیکھتے ہیں کہ دنیا میں انسان بڑھ رہے ہیں، لیکن مشکل حالات کی وجہ کر انسانیت دم توڑ رہی ہے۔ لوگوں کے درمیان سے رواداری، خلوص و محبت، یکجہتی، تہذیبی قدریں اور انسانی روایات کا فقدان بڑھتا جارہا ہے۔ خوراک کی کمی، بہت سارے ممالک میں عام ہے۔ اس وقت کئی ممالک میں بچوں کی بڑی تعداد تغزیہ کی شکار ہے۔ عورتیں خوراک کی کمی کی وجہ سے انیمیا سے جوجھ رہی ہیں۔  بڑھتی بے روزگاری سے غربت و افلاس میں اضافہ ہو رہا ہے۔ لوگ دانے دانے کو محتاج ہو رہے ہیں۔ پینے کا صاف پانی لوگوں کو میسر نہیں۔ جس کے باعث لوگ گندہ اور آلودہ پانی پینے پر مجبور ہیں، اور اس مجبوری سے لوگ طرح طرح کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ غریبوں کے لئے علاج و معالجہ کا نظام بھی مناسب نہیں ہونے سے ایسے لوگ بے بسی اور بے چارگی کی زندگی گزارنے پر خود کو مجبور پا رہے ہیں۔ تعلیم کی حصولیابی سے بہت سارے مسائل کا تدارک ممکن ہے، خاص طور پر تعلیم یافتہ نوجوان جوڑوں میں یہ خیال تو پیدا ہو ہی سکتا ہے کہ’ چھوٹا خاندان، سکھی خاندان ‘ بن سکتا ہے۔ لیکن تعلیمی سہولیات کے فقدان سے غریب طبقہ محروم ہے۔ بڑھتی آبادی سے رہائش کا بھی مسئلہ بڑھ رہا ہے۔ لوگ بہت تیزی سے مکانات تعمیر کرا رہے ہیں، جس سے کھیت، کھلیہان سمٹتے جا رہے ہیں اور جنگل کٹ رہے ہیں۔ نتیجہ میں ایک طرف جہاں اشیأ خوردنی کی کمی ہو رہی ہے، وہیں ماحولیات بھی متاثر ہو رہا ہے۔ ماحولیات کے متاثر ہونے سے بارش میں بھی بہت کمی واقع ہو رہی ہے، جس سے ندی، تالاب سوکھ رہے ہیں۔ ندیاں سمٹتی جا رہی  ہیں، تالابوں اور پوکھروں پر رہائشی اور تجارتی مراکز تعمیر ہو رہے ہیں۔

            اس پورے تناظر میں اگر ہم اپنے ملک کی بڑھتی آبادی اور اس کی وجہ کر گھٹتے وسائل سے پیدا ہونے والے مسائل پر ایک نظر ڈالیں تو ہمیں بہت زیادہ مایوسیوں کا سامنا ہوتا ہے۔ ایسے بڑھتے ناگفتہ مسائل کے تدارک کے لئے چند دہائی قبل حکومت وقت نے آبادی کم کرنے کے لئے عوام کے درمیان فیملی پلاننگ کی اہمیت اور افادیت پر زور دیا تھا۔ عوامی طور پر ذہن سازی کے لئے طرح طرح کے اشتہارات، اعلانات سے مثبت نتائج سامنے آئے تھے۔ لیکن یہاں تو ہر معاملے میں بد عنوانی کا عمل دخل ہوتا ہے۔ مثلاََ مرد وعورت کو فیملی پلاننگ کا آپریشن کرانے کے بعد سرکاری سطح پر کئی طرح کی معاشی سہولیات دی جاتی تھیں۔ لیکن سیاست اور بدعنوانی کے دخل نے ایسے کئی اچھے پروگرام کو تقریباََ ختم کر دیا۔ جس کی وجہ کر ’ہم دو ہمارے دو‘  اور ’ چھوٹا پریوار، سکھی پریوار‘ کا جو ذہن لوگوں میں بن رہا تھا، وہ ختم ہو گیا۔ ایک زمانے میں ہمارے ملک میں ’’ جن سنکھیا استھرتا کوش‘‘ نے بڑھتی آبادی کم کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر کوششیں کی تھیں۔ لیکن اس کی بھی ساری کوششیں سیاست کی نذر ہو گئیں۔ ان ناکامیوں کا ہی یہ نتیجہ ہے کہ اس وقت ملک کے گرد  وپیش میں ہر  جانب لوگوں کا اژدھام نظر آتا ہے، جدھر جایئے، ادھر بھیڑ ہی بھیڑ۔ ٹرینوں میں، بسوں میں، سڑکوں پر، گلیوں میں، مال میں، بازار وں میں، اسپتالوں میں، ہر طرف انسانی زندگی بنیادی سہولیات کے لئے پریشان ہے۔بدعنوانی شباب پر ہے، چوری، ڈکیتی، خون خرابہ، قتل و غارت گری کا بازار گرم ہے اور ایسے میں ہمارے بعض نا عاقبت اندیش سیاسی رہنمأ مذہبی منافرت پھیلانے کے لئے، ملک کی ترقی اور عوامی مسائل سے بے پرواہ، ملک کی اکثریت کو یہ تلقین کر رہے ہیں کہ وہ دس دس بچے پیدا کریں۔ ایک ممبر پارلیامنٹ نے تو یہاں تک کہا  تھاکہ شادی شدہ جوڑے کو جیلوں میں بند کر دیا جائے اور وہ وہاں صرف بچے پیدا کرنے کا کام کریں۔ جس ملک کے سیاسی رہنماؤں کی ایسی گھٹیا سوچ اور فکر ہو اس ملک میں بڑھتی آبادی کے باعث بہت تیزی سے کم ہوتے وسائل سے درپیش مسائل کے تدارک کی بات کس طرح کی جا سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس وقت ہمارا ملک بھارت لگاتار ترقی اور خوشحالی کا حدف حاصل کرنے میں پیچھے ہوتا جا رہا ہے۔ گزشتہ سال کے SDG  میں 149 ممالک کے جو اعداد و شمار یکجا کئے گئے ہیں، ان میں ہمارا ملک  110 ویں مقام پر ہے۔ جبکہ سویڈن، ڈنمارک اور ناروے کوپہلا، دوسرا اور تیسرا  مقام حاصل ہوا ہے۔ لیکن مجھے امید ہے کہ غیر سیاسی دانشوران، ان مسائل کے تدارک کے لئے اپنی سطح سے کوشش جاری رکھینگے اور عالمی سطح  پرہو رہی ان کوششوں کو سامنے رکھ کر اپنے ملک کے لوگوں کی ذہن سازی کرینگے۔ اگر آج کے اس عالمی دن کو  اہمیت دی جائے، تو میرا خیال ہے کہ بہت سارے مسئلے دور ہو سکتے ہیں۔ حالانکہ ان دنوں کورونا وائرس کی وبا سے اس دنیا کے بہت سارے مما لک پریشان ہیں، ہلاکتوں کا سلسلہ بڑھتا جا رہا ہے۔ کئی ممالک میں لاک ڈاؤن نافذ العمل ہے۔ ایسے حالات میں اقوام متحدہ نے دنیا کی آبادی میں 11 کروڑ کے اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ اپنے ملک میں دو کروڑ آبادی کے اضافہ ہو جانے کا بھی خطرہ ہے۔ ایسے میں عالمی یوم آبادی کے  موقعہ پر حکومت اور عوام دونوں کو خصوصی توجہ دینے کی سخت ضرورت ہے، تاکہ بڑھتے مسائل میں وسائل کی کمی کی شدّت کو محسوس کیا جا سکے۔

     ٭٭٭

     

  • کورونا وائرس، لاک ڈاؤن، حکومت اور غریب عوام

    کورونا وائرس، لاک ڈاؤن، حکومت اور غریب عوام

    ذوالقرنین احمد

    آپ چاہے حکومت پر کتنا ہی طنز کرلے، یا حکومت کو اپنی غلط پالیسیوں کے خلاف سوشل میڈیا پر متوجہ کرے یہ کان دھرنے کیلے تیار نہیں ہے۔ اب متحد ہوکر دفاعی اقدامات کرلینے چاہیے۔ لاک ڈاؤن کے ختم ہوتے ہی سڑکوں پر اتر کر احتجاج کرنا چاہیے۔ حکومت کو عوام کی بے بسی، بھوک ،بے روزگاری، اہم ضروریات زندگی کا میسر نہ  ہونا جیسی بے شمار پریشانیوں سے کوئی لینا دینا نہیں رہا ہے۔ اسی لیے یہ غیر منصوبہ بند اور بغیر سوچے سمجھے من چاہے فیصلے کر رہی ہے۔ جب دل میں آیا لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا جاتا ہے۔
    سبزی وغیرہ بیچنے والوں اور چھوٹے موٹے کام‌ کاج کرنے والوں کو پریشان کیا جارہا ہے۔ ملک میں اکثر لوگ یومیہ اجرت پر کام کرتے ہیں ، کوئی قلی، حمال، مستری، ٹھیلے لوٹنے والے، چمار، پھل فروش، کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والے، ستار کا کام کرنے والے، ویلڈر، کسان، گیریج مین، ہاتھ مزدوری کرنے والے ہیں‌۔ کمپنیوں میں کام کرنے والے، ایم آئی ڈی سی، وغیرہ میں محنت کش مزدور  انھیں کے بل بوتے پر تمام ملک کی معیشت زیادہ منحصر ہوتی ہے  اور انھیں کے ووٹوں پر سایسی پارٹیاں اقتدار حاصل کرتی ہے۔ لیکن اقتدار کے نشے میں  غریب متوسط طبقے کی  اکثریت والی عوام کو حکومت بھول جاتی ہے۔

    لاک ڈاؤن اور کورونا وائرس کے نام پر جوعوام کی زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے وہ قابل مذمت ہے۔ اس لاک ڈاؤن اور کورونا وائرس کے خوف کے سائے میں عوام کا استحصال کیا جارہا ہیں۔ یہ کیسا انصاف ہے کہ غریب مزدور پیشہ کروڑوں افراد سے روزگار چھین کر کورونا وائرس وبا سے بچانے کیلے حکومت جھوٹی فکر دکھا رہی ہے۔ عوا‌م کا تحفظ کرنا ضرور ہے حکومت کی اپنی ذمہ داری ہے اگر وائرس ہے تو اسکا مطلب ہرگز یہ نہیں ہے کہ مسلسل تین ماہ سے ملک کی عوام کو گھروں میں قید کردیا جائے۔ جبکہ اس بات کی بھی فکر نہیں ہے کہ انکے پاس زندگی گزارنے کیلے غذائی اجزاء موجود ہے یا نہیں غریب مزدور عوام کے پاس اتنا پیسہ ہے یا نہیں کہ وہ گہیوں اور چاول کے علاوہ تیل مرچی نمک ،دودھ پتی شکر  ، آٹا پسانے کیلے پیسے چولہا جلانے کیلے گیس یا لکڑی، ضروری دوائیاں کا انتظام ہے یا نہیں ۔ مسلسل تین مہینوں سے زائد عرصہ ہوچکا ہے کام کاج بند ہے جو تھوڑی بہت چھوٹ مل رہی تھی اب اس پر کڑک کرفیو نافذ کرکے پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    ایک عام غریب مزدور انسان کیسے زندگی گزارے گا جبکہ ملک کا اکثریت طبقہ روز مرہ کام کرکے اپنا اور اپنی فیملی کا گزر بسر کرتا ہے۔ ملک میں آج حالات یہ بنے ہوئے ہیں کہ پڑھے لکھے نوجوانوں کو نوکریاں نہیں ہے۔ اگر وہ کچھ کام کرنا چاہتے ہیں تو روزگار کے مواقع بھی موجود نہیں ہے ۔ اگر وہ نیا کاروبار شروع کرنا چاہتا ہے تو حکومت کے پاس کوئی بلا سودی لون کی فری سہولیات بھی موجود نہیں ہیں۔ ناہی کوئی پلاننگ ہے۔ ملک میں  بچے غریبی کی وجہ سے اسکول سے ڈراپ آؤٹ ہوکر مزدوری کرتے ہیں جبکہ بچہ مزدوری پر ملک میں پابندی عائد ہے۔ لیکن حکومت کو یہ فکر نہیں ستاتی ہے کہ اگر وہ بچہ مزدوری کرکے کماکر نہیں لائے گا تو اسکے گھر میں اسکی چھوٹی بہن بھائی ماں کا گزر بسر کیسے ہوگا۔ یہ حکومت صرف اپنے مفادات کو سامنے رکھ کر سیاست کر رہی ہے۔ انکے اندر نہ قانون کا خوف بچا ہے ناہی انسانیت کا مادہ باقی رہا ہے۔اگر قانون ہے تو وہ صرف غریبوں کیلے اقلیتوں مسلمانوں کیلے ہے جس کا استعمال صرف مسلم  نوجوانوں پر جھوٹے الزامات لگا کر گرفتاریاں کی جاتی ہے اور انکی جوانی کی عمر ختم ہونے کے بعد باعزت بری کردیا جاتا ہے۔
    کورونا وائرس پر قابو پانے کا ہرگز یہ طریقہ نہیں ہوسکتاہے کہ عوام کو ذہنی تناؤ کا شکار بنایا جاتا رہے۔ جو عمر دراز افراد ہے جنہیں عمر کے لحاظ سے کچھ نہ کچھ مرض لاحق ہوتا ہے وہ بھی خوف کے سائے میں جی رہے ہیں۔ نوجوانوں گھروں میں قید ڈپریشن کا شکار ہورہے ہیں۔ گھریلوں تنازعات میں اضافہ ہورہا ہے۔ دن رات عوام خوف و دہشت میں جی رہی ہیں۔ اگر کورونا وائرس پر قابو پانا ہی ہے تو حکومت کو چاہیے تھا کہ اول روز سے ہی اس وبائی مرض کو سنجیدگی سے لے کر محتاط ہوجاتی اور عوام کو گھر گھر مدافعتی نظام مضبوط کرنے کی دوائیاں تقسیم کرتی، چھوٹے بچوں بوڑھوں خواتین کیلے عام بیماریوں کی دوائیاں فری میں تقسیم کرتی۔ ملک کی معیشت کو نقصان نہ پہنچے اسکے لیے احتیاط کے ساتھ دوکانیں کاروبار کو جاری رکھتی مینوفیکچرنگ، کھیتی ، روز مرہ کے کام کاج کو جاری رکھتی تاکہ غریب عوام دو وقت کی روٹی کا انتظام کرسکے۔ تعلیمی اداروں کو کھولنے کی طرف توجہ دیتی تاکہ طلباء کا تعلیمی نقصان نہ ہو اور آئیندہ سال کا نظام تعلیم اس وبا سے متاثر نہ ہوسکے۔ نئے روزگار فراہم کرنے کی طرف توجہ دیتی ۔ کیونکہ ہر سال لاکھوں کروڑوں کی تعداد میں طلباء و طالبات ڈپلومہ و  ڈگریاں حاصل کرتے ہیں لیکن ان کیلے کوئی پروگرام تیار نہیں کیا جاتا ہے۔
    عوا‌م کو ایک طرح سے محصور کردیا گیا ہے جنہیں غلام ذہنیت بنانے کی تیاری کی جارہی ہے ان پر بے جا قانون کو مسلط کیا جارہا ہے ۔ یہ سب پلاننگ کے ساتھ ہورہا ہے حکومت اپنے ناجائز عزائم کو لے کر اس کورونا وائرس کا استعمال کرتی آرہی ہے اور اب پھر سے سخت لاک ڈاؤن لگایا جارہا ہے۔ وزیر اعظم کی گزشتہ تقریر سے ہی اس بات کا اندیشہ ہورہا تھا جب انہوں نے نومبر تک فری راشن کی تقسیم کی بات کی تھی لیکن وزیر اعظم کو اور بی جے پی حکومت کو اپوزیشن کو یہ بات معلوم ہونی چاہیے کہ صرف دو چار کلو گہیو‌ں چاول فری دینے سے گزارا ممکن نہیں ہوتا ہے۔ حکومت بلکل بھی اس معاملے پر سنجیدہ نہیں ہے صرف لاک ڈاؤن وائرس سے بچنے کا حل نہیں ہے جتنی اموات ملک میں اس کورونا وائرس کے نام پر ہونے کی خبریں چلائی جارہی ہے ویسے بھی عام دنوں میں اس سے کئی زیادہ اموات ہوتی رہتی ہے ۔ اور جو ڈاٹا پازیٹو کیسز کا ہے وہ بھی کوئی خاص نہیں ہے کیونکہ وہ سب 14 دن کے بعد ٹھیک ہورہے ہیں جبکہ کورونا وائرس کی ویکسین ابھی تیار نہیں ہوئی ہے اگر تیار ہوئی بھی تو وہ تجربہ کے مراحل میں ہے۔ لیکن فلحال یہ بات واضح ہے  جو مریض ٹھیک ہورہے ہیں وہ فلاح ویکسین یا پھر ٹریٹمنٹ سے صحت یاب ہوچکے ہو ایسا نہیں ہے اس لیے حکومت کے ناجائز عزائم کو ایکسپوز کرنا بے حد ضروری ہے۔ آواز اٹھائیے جس پیمانے پر بھی ہوسکے یہ خاموشی تمہیں غلامی کی طرف لے جارہی ہیں۔