Category: تصویر وطن

  • گھٹن کم ہوئی مگر حملے جاری ہیں

    گھٹن کم ہوئی مگر حملے جاری ہیں

    پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی کو لگنے والے شدید دھچکے اور دو حلیف جماعتوں کی حمایت سے مرکز میں حکومت کے قیام کے پیش نظر ایسا خیال کیا جا رہا تھا کہ مسلمانوں، دلتوں اور دیگر اقلیتوں پر حملوں کا سلسلہ بند ہو جائے گا اور گزشتہ دس برسوں سے خطرات سے گھری ان کی زندگی میں کچھ نہ کچھ سکون کے لمحات ضرور آئیں گے۔ ایسا سمجھا جا رہا تھا کہ حکومت کو حمایت دینے والی دونوں حلیف جماعتیں جنتا دل یو اور تیلگو دیسم اپنے ووٹ بینک کے تحفظ کے پیش نظر یہ برداشت نہیں کریں گی کہ مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر حملے جاری رہیں۔ کیونکہ اگر ایسا ہوگا تو ان کے اپنے سیاسی مفادات متاثر ہو جائیں گے۔ لیکن سیکولر طبقات کی یہ توقعات پوری نہیں ہوئیں اور مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ یہ سلسلہ چار جون کو آنے والے نتائج کے فوراً بعد شروع ہو گیا تھا۔ حالانکہ دس برسوں سے ماحول میں جو گھٹن تھی اس میں کچھ کمی واقع ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود یہ نہیں کہا جاسکتا کہ صورت حال مکمل طور پر بدل گئی ہے اور اب خطرات کے تمام بادل چھٹ گئے ہیں۔

    تاریخ گواہ ہے کہ ہندوتووادی جماعتوں اور عناصر کی جانب سے مسلمانوں کے اقتصادی بائیکاٹ کی اپیلیں وقتاً فوقتاً کی جاتی رہی ہیں۔ ان اپیلوں کا مسلمانوں کے روزگار اور تجارت پر منفی اثر پڑتا رہا ہے۔ ان کی معیشت کی کمر توڑنا ان عناصر کا پرانا اور پسندیدہ مشغلہ رہا ہے۔ فرقہ وارانہ فسادات کے وقت ان کو ہلاک کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی دکانوں اور مکانوں کو بھی تباہ کیا جاتا رہا ہے۔ اس کا مقصد ان کو مالی اعتبار سے کنگال بنا نا ہے۔ صرف غیر سرکاری طور پر نہیں بلکہ سرکاری طور پر بھی ان کی معیشت کو نقصان پہنچانے کی پالیسیاں بنائی گئیں جن کے نتیجے میں جو جو تجارت مسلمانوں کے ہاتھوں میں رہی ہے وہ سب متاثر ہو ئیں اور تباہی کے دہانے پر پہنچ گئیں۔ گزشتہ دنوں کانوڑ یاترا میں کانوڑیوں میں کوئی کنفیوژن نہ پھیلے اس بہانے سے جو حکم جاری کیا گیا اس کا مقصد بھی یہی تھا کہ مسلمانوں کی تجارت پر ضرب لگائی جائے۔ اگر ہوٹلوں اور ڈھابوں اور دیگر دکانوں کے بارے میں لوگوں کو معلوم ہو جائے کہ وہ مسلمانوں کی ہیں تو اس ملک میں ایک طبقہ ایسا ہے جو مسلمانوں سے سودا سلف لینے اور ان کے ساتھ تجارت کرنے کے حق میں نہیں ہے۔ وہ پہلے سے ہی عملاً ان کا بائیکاٹ کیے ہوئے ہیں۔ لہٰذا یہ جو حکم صادر کیا گیا اس کا مقصد بھی ان کا بائیکاٹ کرنا تھا۔

    لیکن اگر ہم چار جون کے فوراً بعد سے اب تک کے واقعات پر بھی نظر ڈالیں تو اس نتیجے پر پہنچیں گے کہ مسلمانوں کی املاک اور ان پر حملوں اور ان کی لنچنگ کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ کانوڑ روٹ پر واقع ہوٹلوں اور ڈھابوں پر نام لکھنے اور کانوڑ یاتریوں میں موجود غیر سماجی عناصر کو چھوٹ دینے کا مقصد یہی ہے کہ کسی نہ کسی بہانے مسلمانوں کی لنچنگ کے حالات پیدا کیے جائیں۔ بعض مقامات پر ایسے واقعات ہوتے ہوتے بچے ہیں۔ اترپردیش کا شہر مظفر نگر ایک حساس شہر ہے۔ وہاں 2013 میں بدترین فساد ہو چکا ہے جس میں بڑی تعداد میں لوگ ہلاک ہوئے تھے جن میں اکثریت مسلمانوں کی تھی۔ اس وقت بہت سے مسلمانوں کو دربدر ہونا پڑا تھا جو ایک طویل عرصے تک کیمپوں میں زندگی گزارنے پر مجبور تھے۔ مظفرنگر کے راستے سے ہو کر گزرنے والے کانوڑ روٹ پر یوپی حکومت کا حکم بظاہر اسی لیے جاری ہوا تھا کہ مسلمانوں کو نشانہ بنایا جائے۔ ادھر 26 جولائی کو شام کے وقت دہلی میرٹھ ایکسپریس وے پر کانوڑیوں نے ایک گاڑی کو روکا۔ ان کا الزام ہے کہ وہ رانگ سائڈ سے آرہی تھی اور اس نے کانوڑیوں کو ٹکر ماری جس سے ان کی کانوڑ ٹوٹ گئی۔ بس پھر کیا تھا وہ سب کار پر پل پڑے۔ اس میں چار مسلمان تھے۔ تین تو بھاگنے میں کامیاب ہو گئے مگر ایک کو جو کہ ساٹھ ستر سال کے باریش بزرگ تھے پکڑ لیا گیا۔ ان کی بری طرح پٹائی کی گئی۔ ان کے کپڑے پھاڑ دیے گئے۔ ان کی گاڑی میں توڑ پھوڑ کی گئی۔ وہ تو ان کی قسمت اچھی تھی کہ جان بچ گئی ورنہ حالات بہت خراب تھے۔ کانوڑ یاترا کے دوران ایسے دیگر اور واقعات ہوئے جن میں اگر لوگ بھاگ نہ گئے ہوتے تو ان کی جان کے لالے پڑ جاتے۔

    انتخابات کے بعد مسلمانوں کی ماب لنچنگ، ان کے ساتھ تشدد، مار پیٹ، گھروں کو نذر آتش کرنے اور سرکار کی جانب سے ان کے مکانوں کو بلڈوزر سے منہدم کرنے کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں۔ ایسے واقعات کی فہرست انسانی حقوق کے کارکنوں، وکلا اور دیگر شخصیات کی تنظیم ’ایسو سی ایشن فار پروٹکشن آف سول رائٹس‘ (اے پی سی آر) اور صحافیوں کی ایک بین الاقوامی تنظیم ’کمیٹی ٹو پروٹکٹ جرنلسٹس‘ (سی پی جے) نے تیار کی ہے۔ دونوں نے الگ الگ فہرست سازی کی ہے اور بتایا ہے کہ کس طرح مابعد انتخابات مسلمانوں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ سلسلہ چار جون کو نتائج آنے کے ساتھ ہی شروع ہو گیا تھا اور اس میں عید الاضحیٰ کے بعد تیزی آگئی۔ عید الاضحیٰ کے موقع پر مسلم دشمن شرپسندوں کو بیف کے نام پر مسلمانوں کو نشانہ بنانے کا سنہرا موقع مل گیا۔ اے پی سی آر کا کہنا ہے کہ چار جون سے جون کے اواخر تک ماب لنچنگ کی آٹھ، ہجومی تشدد کی چھ اور پولیس کی جانب سے مسلمانوں کے مکانوں کو مسمار کیے جانے کی بھی متعدد وراداتیں ہوئی ہیں۔

    سی پی جے نے ایک طویل فہرست تیار کی ہے جس میں 14معاملات کا اندراج ہے۔ حالانکہ یہ فہرست کچھ پرانی ہے جس میں جولائی میں پیش آنے والے  واقعات شامل نہیں ہیں۔ تاہم اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ کس طرح بی جے پی کی شکست اور دو حلیف جماعتوں کی حمایت سے حکومت قائم ہونے کے باوجود حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے مطابق 22 جون کو گجرات کے 23 سالہ سلمان ووہرہ کو کرکٹ میچ کے د وران پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا گیا۔ چھتیس گڑھ کے رائے پورمیں سات جون کو تین مسلمانوں کو ہندوتووادیوں نے ظلم و جور کا نشانہ بنایا۔ متاثرین کے نام صدام قریشی، چاند میاں خان اور گڈو خان ہیں۔ ان کا تعلق اترپردیش کے سہارنپور ضلع سے ہے۔ 28 مئی سے جون کے آخر تک مبینہ طور پر گائے کی حفاظت کے نام پر دس واقعات ہوئے جن میں ہجوم نے مویشی لے جانے والے لوگوں پر حملہ کیا۔ایسے واقعات کئی ریاستوں میں ہوئے ہیں۔ اتر پردیش کے بلند شہر میں دو مسلمان بھائیوں کو ہجوم نے اس وقت بے دردی سے پیٹا جب وہ ایک دکان پر اشیاء کا تبادلہ کرنے گئے تھے۔

    مرادآبادمیں 25 سالہ ڈاکٹر پر 30 جون کو ہجوم نے وحشیانہ حملہ کیا۔ حملہ اس وقت ہوا جب ڈاکٹر افتخار اپنے کلینک سے گھر لوٹ رہے تھے اور ایک پیٹرول پمپ پر پیٹرول لینے کے لیے رکے تھے۔ بارہ جون کی اولین ساعتوں میں مولانا اکرم نامی امام کو مراد آباد کے بھینسیا گاؤں میں نامعلوم افراد نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ نو جون کو میرٹھ کے محمد عمر قریشی پر ہماچل پردیش کے بنگانہ قصبے میں ایک ہجوم نے حملہ کیا۔ بجرنگ دل، شیو سینا اور بی جے پی کے ارکان نے مبینہ طور پر اسے مارا پیٹا، اس کے پیسے چرائے، اور اسے جئے شری رام کا نعرہ لگانے پر مجبور کیا۔ قریشی کے مطابق حملہ اس لیے ہوا کہ وہ مسلمان ہے۔ مزید برآں، جب اس نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرانے کی کوشش کی تو پولیس نے انکار کردیا۔ اناؤ میں ایک ہندوتوا وادی ہجوم نے سات جون کو ایک کنٹینر پر بھینس کا گوشت مغربی بنگال سے ممبئی لے جانے پر زبردست ہنگامہ کیا۔ اس کا دعویٰ تھا کہ یہ گائے کا گوشت ہے۔ ہنگامہ آرائی کے بعد گوشت کا نمونہ جانچ کے لیے لیباریٹری بھجوایا گیا جس سے تصدیق ہوئی کہ یہ بھینس کا گوشت ہے۔

    ایک صحافی میر فیصل کے مطابق مولانا شہاب الدین نامی ایک امام کو یکم جولائی کو جھارکھنڈ کے کوڈرما ضلع میں ایک ہجوم نے پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا۔ خوردھا، اڑیسہ میں عید الضحیٰ کو ایک ہجوم زبردستی ایک مسلمان کے گھر میں گھس گیا اور گھر کے فریج سے گوشت چھین کر اس پر قبضہ کر لیا۔ ہجوم جے شری رام کا نعرہ لگاتے ہوئے گھر میں داخل ہوا تھا۔ مغربی بنگال کے بیر بھوم کے نواپارہ میں عید کے بعد ایک اور معاملہ پیش آیا جہاں طوفان شیخ نامی ایک مسلمان پر وحشیانہ حملہ کیا گیا۔ اسے ایک ہجوم نے گھیر لیا اور اس پر ایک مندر کے قریب گوشت پھینکنے کا الزام لگایا۔ اس کے بعد اس پر ہجوم نے حملہ کر کے شدید زخمی کر دیا۔ دی آبزرور پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق اسے ایک گھنٹے تک کھمبے سے بھی باندھا گیا جس کے بعد مقامی پولیس نے اسے بچا لیا اور اس کا طبی علاج کرایا۔ میدک میں بدامنی اس وقت شروع ہوئی جب منہاج العلوم مدرسہ کی انتظامیہ نے بقر عید سے قبل قربانی کے لیے مویشی خریدے اور ایک ہجوم نے آکر مدرسہ پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ ہجوم نے اس اسپتال پر بھی حملہ کیا جہاں زخمیوں کا علاج کیا جا رہا تھا۔ حراست میں لیے گئے افراد میں بی جے پی میدک کے ضلع صدر گڈم سرینواس، بی جے پی میدک ٹاؤن کے صدر ایم نیام پرساد، بی جے وائی ایم کے صدر اور سات شامل ہیں۔ بہرحال یہ تو چند واقعات ہیں جن کا ذکر سی پی جے کی رپورٹ کے حوالے سے کیا گیا ہے ورنہ یہ فہرست بہت طویل ہے۔

    دریں اثنا یہ ذکر بھی مناسب معلوم ہوتا ہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے 25 جولائی کو ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں اس نے ہندوستان میں مسلمانوں اور قلیتوں پر ہونے والے حملوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیاہے کہ انسداد دہشت گردی کے قانون یو اے پی اے کا بے حد غلط استعمال ہو رہا ہے اور وہ استعمال پرامن انداز میں اپنے جمہوری حقوق کے استعمال کرنے والے مسلمانوں کے خلاف ہو رہا ہے۔

    مبصرین کا خیال تھا کہ انتخابات میں دھچکہ لگنے کے بعد بی جے پی خود احتسابی کرے گی اور اقلیتوں پر مظالم ڈھانے کے سلسلے میں اپنا رویہ تبدیل کرے گی۔ لیکن ان کا خیال غلط ثابت ہوا۔ بعض تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ یوپی حکومت کی جانب سے کانوڑ یاترا کے دوران جاری کیے جانے والے حکم کے پس پردہ وزیر اعلیٰ یوگی کو ان کے عہدے سے ہٹانے کی مبینہ کوششیں ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی بی جے پی کی شکست کی تمام تر ذمہ داری یوگی پر ڈالنا چاہتے تھے تاکہ اسی بہانے ایک ماحول تیار ہو اور انھیں ہٹایا جا سکے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے یوگی نے یہ چال چلی تاکہ خود کو سب سے بڑا ہندوتووادی ثابت کر سکیں اور ان کی کرسی بچی رہے۔ اگر ان کے حکم کے نتیجے میں مسلمانوں پر حملے ہوں گے تو ہندووں میں از خود یہ پیغام جائے گا کہ یوگی ان کے تحفظ کے تئیں سنجیدہ ہیں۔

    بہرحال صرف اترپردیش ہی نہیں بلکہ بی جے پی اقتدار والی دیگر ریاستوں میں بھی مسلمانوں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں افسران پیش پیش ہیں۔ وہ حکومت کو خوش کرنے کے لیے اقلیتوں پر مظالم کے بہانے تلاش کرتے رہتے ہیں۔ اس ملک میں اب ایسا ماحول بنا دیا گیا ہے کہ افسر شاہی حکومت کی خوشامد کو ہی اپنی ڈیوٹی سمجھنے لگی ہے اور افسران کی اکثریت سیاسی آقاؤں کو خوش کرکے انعامات حاصل کرنے میں یقین رکھنے لگی ہے۔ حالیہ واقعات بتاتے ہیں کہ بی جے پی جب تک اقتدار میں رہے گی مسلمانوں پر حملوں کا سلسلہ بند نہیں ہوگا۔ تجزیہ کاروں کا یہ خیال غلط ثابت ہوا ہے کہ جنتا دل یو اور ٹی ڈی پی حکومت اور ہندوتووادی عناصر پر قابو پانے میں کامیاب رہیں گے۔ اب ایسا لگتا ہے کہ ان کو بھی اپنے سیاسی مفادات عزیز ہیں خواہ اس کے لیے انھیں عارضی نقصان ہی کیوں نہ اٹھانا پڑے۔ شاید وہ بھی یہی سمجھتی ہیں کہ مسلمان اور دیگر اقلیتیں کہاں جائیں گی وہ ہمیں ہر حال میں ووٹ دیں گی۔ اس لیے ابھی اپنی ریاستوں کے لیے مرکز سے فوائد اٹھائے جائیں جب انتخابات کا موسم آئے گا تب دیکھا جائے گا۔ یوگی حکومت کے حکم کے خلاف جے ڈی یو، آر ایل ڈی اور ایل جے پی نے جو آواز اٹھائی تھی وہ بہت کمزور تھی اور محض رسم ادائیگی تھی۔ ورنہ اگر وہ اس حکم کو اور کانوڑ یاترا کے دوران ہونے والے تشدد کو غلط سمجھتے تو پرزور انداز میں احتجاج کرتے۔

    بہرحال بی جے پی کی جو سیاسی بناوٹ ہے اس میں وہ مسلمانوں اور اقلیتوں کے خلاف منافرانہ ماحول بنائے بغیر اپنے مستقبل کو محفوظ نہیں بنا سکتی۔ وہ سمجھتی ہے کہ جب تک وہ ہندووں کو مسلمانوں کا ڈر دکھاتی رہے گی اور جب تک مسلمانوں کو دبانے کے اقدامات کرتی رہے گی اس وقت تک اس کی سیاست کامیاب رہے گی۔ لہٰذا اس نے نہ صرف یہ کہ حملہ آوروں کو چھوٹ دے رکھی ہے بلکہ وہ ایسے حالات بھی پیدا کرتی رہتی ہے کہ مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر حملوں کا سلسلہ جاری رہے اور ہندووں کی اکثریت خوش رہے۔

  • کیا  2024  کے عام انتخابات کا مینڈیٹ چرایا گیا ؟

    کیا 2024 کے عام انتخابات کا مینڈیٹ چرایا گیا ؟

    یا مودی کی تیسری حکومت بھی عوامی مینڈیٹ چوری کرکے بنی ہے؟  انتخابی نظام پر نظر رکھنے والی سول سوسائٹی کی دو مؤقر اور معتبر  تنظیموں نے حالیہ اختتام پذیر  لوک سبھا انتخابات کے دوران ہونے والی مبینہ بدعنوانیوں ، ووٹوں میں ہیرا پھیری  اور  ووٹوں کی زیادہ گنتی  کے بارے میں جو تحقیقاتی رپورٹیں  شائع کی ہیں ان سے یہی نتیجہ اخذ کیا جارہا ہے کہ  یہ  stolen mandate  یا  بے ایمانی  سے بنی حکومت ہے۔ ان  تنظیموں کے مطابق پانچ کروڑسے زائد کے ووٹوں کے اضافہ سے  بی جے پی اور اس کے اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کو  76 سیٹیں حاصل کرنے میں کامیابی ملی،  بصورت دیگر این ڈی اے کی مجموعی نشستوں کی تعداد 293سے کم ہوکر 217رہ جاتی اور بی جے پی کی 240سے کم ہو کر 160 یا 170 رہ جاتی جس کا  دعوی حزب اختلاف کے قائدین  انتخابی مہم کے دوران کر رہے تھے۔ یعنی ملک کے عوام سے اپنی پسند کی حکومت  تشکیل دینے کا اختیار  یا مینڈیٹ چھینا گیا ہے۔

    اس سلسلہ میں سب سے پہلے  ووٹ فار ڈیموکریسی (مہاراشٹر)  نامی تنظیم نے 22 جولائی کو ممبئی کے وائی بی چوان سنٹر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں لوک سبھا انتخابات 2024 کے  نتائج کے بارے میں اپنی جامع رپورٹ جاری کی۔جس کا عنوان ہے،’  "Report: Conduct of Lok Sabha Elections 2024″۔  اس  رپور ٹ میں ووٹوں میں ہیرا پھیری، رائے دہی اور ووٹ شماری کے دوران ہوئی بدعنوانیوں  کا جامع تجزیہ پیش کیا گیا ہے۔ یہ سوال  کھڑاکیا گیا کہ کیا  2024کا مینڈیٹ  ہندوستان کے عوام سے چھینا گیا ہے؟

    رپورٹ میں انتخابی عمل( جو تقریبا ڈھائی مہینے تک جاری رہا ) کے  دوران میں  ہونے والی مبینہ دھاندلیوں، الیکشن کمیشن آف انڈیا اور ریٹرننگ  افسران ( انتخابی افسران ) کا رویہ، ای وی ایم  میں محفوظ ووٹوں  اور ان کی شماری کے درمیان مبینہ فرق اور انتخابات کے ہر مرحلہ میں ووٹوں میں اضافہ (”ڈمپ” ووٹ) ریاستی اور  قومی سطح پر جیسے اہم امور کا  تجزیہ ہے ۔ رپورٹ میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ  ابتدائی ووٹر ٹرن آؤٹ اور حتمی ٹرن آؤٹ کے درمیان مجموعی طور پر 5 کروڑ ووٹوں میں اضافہ (”ڈمپ”) کیا گیا۔ دوسرے الفاظ میں انتخابات کے دن  الیکشن کمیشن نے راے دہی کے  جو اعداد و شمار پیش کیے  تھے میں ان میں بعد ازاں زبردست اضافہ کیا گیا ۔  اس مبینہ اضافے کا فائدہ  حکمراں بی جے پی اور اس کے زیر قیادت  نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کو ہوا ۔

    ووٹ فار ڈیموکریسی  کے پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ  ’’ کل  رائے دہی اور ووٹوں کی گنتی کے درمیان فرق کے علاوہ  الیکشن کمیشن آف انڈیا (ECI) کی طرف سے بغیر کسی جواز یا وضاحت کے ووٹوں کی تعداد میں اضافہ کی بابت سنگین سوالات کھڑے ہوتے ہیں ۔ حالانکہ  ہم بحیثیت  شہری اور رائے دہندہ  الیکشن کمیشن کی ساکھ پر شک نہیں کرتے ہیں لیکن انتخابات کے دوران اس کا جس طرح کا رویہ رہا اور  انتخابی عمل کے غیر منصفانہ نتائج نے ہمیں سنجیدگی سے فکر مند ہونے پر مجبور کردیا  ہے۔‘‘

    رپورٹ مجموعی طور پر 4 ابواب پر مشتمل  ہے جس میں انتخابی نتائج میں ممکنہ ہیرا پھیری کا تجزیہ کیا گیا ہے۔ جس سے پتہ چلتا ہے کہ بی جے پی کو  اپنی نشستوں کی کل تعداد میں کمی کے باوجود  اسے اپنی نشستیں بڑھانے میں مدد ملی ہے۔ رپورٹ میں امیدواروں کو کسی حلقے میں ممکنہ بدعنوانیوں کی نشاندہی کرنے میں مدد کی غرض سے  ایک چیک لسٹ منسلک کی گئی ہے۔ مزید برآں  انتخابی عمل کی شفافیت کو اجاگر کرنے کےلیے رپورٹ میں قانونی  مدد کے  لیے   متعلقہ عدالتی نظیریں اور انتخابی قوانین بھی پیش کیے  گئے ہیں  جو آزادانہ اور منصفانہ انداز میں انتخابات کے لیے بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ خاص طور پر، ممبئی نارتھ ویسٹ اور فرخ آباد پارلیمانی حلقوں میں انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے والی بد عنوانیوں کو تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔

     

    الیکشن کمیشن سے سوال

    انتخابی  دھاندلیوں، ابتدائی ٹرن آؤٹ کے اعداد و شمار کے اعلان میں تاخیر، اور حتمی ٹرن آؤٹ کے اعداد و شمار میں خاطر خواہ اضافے کو اجاگر کرتے ہوئے  رپورٹ  میں  ان امور پر ا لیکشن کمیشن  کی  خاموشی  کے لیے   اسے سخت ہدف  تنقید بنایا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ  پہلے مرحلہ کے لیے  الیکشن کمیشن  نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ حتمی اعداد و شمار میں خاطر خواہ اضافہ کیوں ہوااور نہ ہی اس  نے  حتمی اعداد و شمار جاری کرنے میں طویل تاخیر (11 دن)  اور وہ بھی صرف فیصد کے بارے میں  وضاحت  پیش کی۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ کمیشن  نے حتمی ووٹر ٹرن آؤٹ میں زبردست اضافہ اور ای وی ایم ووٹوں اور گنتی کے درمیان فرق سے متعلق آج تک کسی سوال کا جواب نہیں دیا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ کچھ امیدواروں کو  فارم 17C  نہیں دیا گیا، جس میں پولنگ کے اختتام پر ڈالے گئے ووٹوں کا ریکارڈ  درج ہوتا ہے۔

    ووٹوں میں اضافے  سے  حکمران اتحاد کوفائدہ  وی ایف ڈی کے مطابق  ابتدائی ٹرن آؤٹ کے اعداد و شمار کے مقابلے حتمی ووٹر ٹرن آؤٹ میں خاطر خواہ اضافہ بتاتا ہے کہ ان اضافے سے حکمران اتحاد  این ڈی اے  کو سب سے زیادہ فائدہ ہوا ہے۔  رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پچھلے انتخابات میں جہاں پولنگ کے دن کی شام کو ووٹروں کی تعداد میں اضافہ اور حتمی ٹرن آؤٹ کے درمیان فیصد کا اضافہ تقریباً 1فیصد  تھا، 18ویں لوک سبھا انتخابات میں یہ فرق 3.2 فیصد  تک بڑھ گیا اور تمام سات مرحلوں میں 6.32فیصد  تک پہنچ گیا۔ رپورٹ کے مطابق  یہ اعداد و شمار حیران کن ہیں  جس میں  12.54فیصد  آندھرا پردیش میں اور 12.48فیصد  اوڈیشہ میں اضافہ درج کیا گیا۔ یہاں تک کہ حتمی ووٹر ٹرن آؤٹ میں اضافے کا مجموعی اوسط 4.72فیصد  ہے۔دوسرا دعویٰ یہ کیا گیا ہ بی جکہ حتمی  ووٹوں میں  زبردست  اضافہ 15 ریاستوں میں 79 سیٹوں پر بی جے پی کی زیرقیادت قومی جمہوری اتحاد کی جیت کے فرق سے زیادہ تھا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ”یہ نکتہ قابل ذکر  ہے کہ دوسرے مرحلے میں جس طریقہ سے  ووٹر ٹرن آؤٹ میں اضافہ کیا گیا  اس  سے، این ڈی اے اور بی جے پی کے لیے فائدہ مند نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ مثال کے طور پر  مغربی بنگال  کی 3 نشستوں میں سے 3، اتر پردیش کی  8 میں سے 8، مدھیہ پردیش کی 6 میں سے 6، چھتیس گڑھ کی  3 میں سے 3، تریپورہ  ایک میں  ایک ، جموں و کشمیر کی  ایک  میں سے ایک ، کرناٹک میں 14 میں سے 12، راجستھان   میں 13 میں سے  10 اور آسام میں 5 سے  4 نشستوں کا بی جے پی کو فائدہ ہوا۔ یہ چیز  پولنگ کے دیگر 6 مرحلوں بشمول مغربی بنگال، اتر پردیش، جموں و کشمیر، کرناٹک، راجستھان جیسی ریاستوں میں نہیں دیکھی گئی۔ دوسرے  مرحلے میں کیرالہ کی مثال اس لحاظ سے انوکھی ہے کہ اس مرحلے میں بی جے پی کو ریاست کی کل 20 سیٹوں میں سے ایک سیٹ ملی،  ایک اور سیٹ پر وہ دوسرے نمبر پر رہی  جبکہ  دیگر  14 سیٹوں پر تیسرے نمبر پر رہی! ایسا لگتا ہے کہ یہاں واضح  طور پر ہیرا پھیری ہوئی ہے۔ ’’ مزید برآں اس میں کہا گیا ہے کہ تقریباً 5 کروڑ ووٹوں میں زبردست  اضافے سے بی جے پی اور این ڈی اے کو کم از کم 76 سیٹیں حاصل کرنے کا فائدہ ہوا ہے اگر ووٹوں کا یہ اضافہ نہیں کیا جاتا تو این ڈی اے کی مجموعی نشستوں کی تعداد 293سے کم ہوکر 217رہ جاتی اور اس میں بی جے پی کی نشستوں کی تعداد 240سے کم ہو کر 160 یا 170 رہ جاتی ۔ رپورٹ میں یہ بھی دعوی کیا گیا ہے کہ دس ریاستوں میں این ڈی اے کے امیدواروں نے 18 حلقوں میں انتہائی معمولی فرق سے کامیابی حاصل کی۔

    رپورٹ میں خصوصی  طور پر تین جدول  میں ان  تمام پارلیمانی حلقوں کی فہرست  پیش کی گئی ہے جن میں فتح  اور شکست  کا فرق  ایک  لاکھ ووٹوں سے کم ہے۔ ان حلقوں میں  جہاں  پچاس ہزار ووٹوں یا اس سے کم  ووٹوں  کے فرق سے شکست  ہوئی ہے  ان میں ای وی ایم  میں ڈالے گئے  ووٹ اور برآمد کئے گئے ووٹوں میں بد عنوانیوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ایک جدول  میں ان   منتخب حلقوں  کو پیش کیا گیا ہے جہاں  مبینہ  طور پر دھاندلیاں  کی گئی ہیں۔ ان کے علاوہ ایک درجن سے زائد  جدولوں میں  ووٹر ٹرن آؤٹ میں اضافہ، ووٹوں کی حتمی تعداد میں اضافہ اور ممکنہ دھاندلیوں کے متعدد پہلوؤں کا تجزیہ  دیا گیا ہے ۔

    ووٹ فار ڈیموکریسی کی اس رپورٹ کو  سابق آئی اے ایس افسر ایم جی دیوا شیام اور ڈاکٹر  پیارے لال گرگ نے مرتب کیا ہے  جسے الیکشن کمیشن ارسال کیا گیا ہے۔  وی ایف ڈی کو سماجی کارکنان تیستا سیتلواد، ڈالفی ڈیسوزا، فادر فریزر میسکرنہس  اور خلیل  دیشمکھ نے  قائم کیا ہے ۔

    اس  رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد ا یسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز (ADR) نے بھی  ایک  رپورٹ   پریس کلب آف انڈیا ، نئی دہلی میں  منعقد ایک پریس کانفرنس میں جاری کی ۔اے ڈی آر کی رپورٹ کا عنوا ن ہے:”Discrepancies between the votes cast and the votes counted in the 2024 Lok Sabha Election: Multiple Perspectives”

    اس میں یہ دعوی کیا گیا کہ 18ویں عام انتخابات میں بھی  ووٹوں کی گنتی میں 2019 کے عام انتخابات کی طرح  زبردست فرق پایا گیا۔   کل  543 پارلیمانی حلقوں میں سے سوائے  پانچ حلقوں کے، اکثر میں  ووٹوں  کی گنتی  یا تو زیادہ کی گئی یا کم ۔رپورٹ میں اس بات کا تذکرہ کیا گیا ہے کہ 4 نومبر، 2019 کو’ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز’ (ADR) اور ‘کامن کاز’ نے سپریم کورٹ آف انڈیا میں ایک درخواست دائر کی تھی جس میں عدالت سے یہ استدعا کی گئی تھی کہ وہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کو ہدایت کہ جب تک رائے دہی  کے اعداد و شمار حقیقی اور درست نہ ہو اس وقت  تک  عارضی اور تخمینہ شدہ اعداد و شمار کی بنیاد  پرنتائج  کا اعلان نہ کرے  ۔ کیونکہ ا لیکشن کمیشن نے تخمینہ شدہ اعداد و شمار کی بنیاد پر 23 مئی 2019 کو تمام حلقوں میں انتخابی نتائج کا اعلان کیا تھا۔ اس کی تصدیق الیکشن کمیشن کے پریس نوٹ مورخہ یکم  جون 2019 سے ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’’… ووٹوں کی گنتی کے بارے میں حتمی اعداد و شمار نتائج کے اعلان کے چند دنوں کے اندر دستیاب کر دیے گئے ہیں۔‘‘

    27 فروری 2020 کو الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے نتائج کے اعلان کے صرف چار ماہ بعد 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں استعمال ہونے والی VVPAT سلپس کو دریا برد کرنے کی پراسرار عجلت’ کے خلاف عدالت میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی۔  یہ اقدام  کنڈکٹ آف الیکشن رولز 1961  کی شق 94 (b) کی خلاف ورزی تھا۔ اس شق  میں کہا گیا ہے کہ ”کسی بھی الیکشن میں استعمال شدہ یا پرنٹ شدہ سلپس کو الیکشن کے نتائج کے اعلان کی تاریخ سے ایک سال تک برقرار رکھا جائے گا۔ رپورٹ میں اے ڈی آر کی طرف سے قانونی چارہ جوئی کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا  گیا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے باوجود ان پر عمل نہیں کیا گیا ۔

    خیال رہے کہ 17ویں عام انتخابات کے دوران، جبکہ انتخابات کے پہلے 6 مرحلوں کے لیے، ووٹر ٹرن آؤٹ ایپ نے ووٹروں کی صحیح تعداد ظاہر کی تاہم آخری مرحلے میں یعنی ووٹنگ کے 7ویں مرحلے میں ان  اعداد و شمار میں اضافہ کردیا گیا۔ اور الیکشن کمیشن نے سابقہ ڈیٹا کو ہٹا دیا۔ راقم سے بات کرتے ہوئے اے ڈی آر کے بانی رکن پروفیسر جگدیپ چھوکر  نے کہا کہ ہم یہ نہیں کہہ رہے ہیں 2024 کا مینڈیٹ چرایا گیا ہے لیکن الیکشن کمیشن کو ان سوالات کا جواب دینا ہوگا جو ہم نے شواہد کی بنیاد پر اٹھائے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کا  یہ آئینی فرض   ہے کہ وہ حقیقی اعداد و شمار کی بنیاد پر حتمی انتخابی نتائج کا اعلان کرے ۔ یہ بھی ضروری ہے کہ انتخابات آزادانہ اور منصفانہ ہوں اور قانون کی حکمرانی برقرار رہے  ۔ الیکشن کمیشن ووٹوں کی گنتی سے متعلق حتمی اور مستند اعداد و شمار جاری کرنے سے پہلے انتخابی نتائج کا اعلان کرنے میں اب تک کوئی معقول وضاحت دینے میں ناکام رہا ہے، ای وی ایم ووٹوں میں مماثلت کے باعث ای وی ایم ووٹوں کی گنتی، ووٹر ٹرن آؤٹ میں اضافہ، تعداد کا انکشاف نہ ہونا ، ووٹوں کے پولڈ ڈیٹا کے اجراء میں غیر معقول تاخیر اور اس کی ویب سائٹ سے کچھ اعداد وشمار کو ہٹانے جیسے واقعات نے  الیکشن کمیشن کی ساکھ پر  ایک بڑا داغ  لگادیا ۔  چنانچہ موجودہ انتخابات  کے دوران  اپوزیشن جماعتوں اور سول سوسائٹی کے اراکین  نے  الیکشن کمیشن  کے متعصبانہ طرز عمل  کوسخت  تنقید کا نشانہ بنایا۔ اب ووٹ فار ڈیموکریسی (VFD)  کے سنسنی خیز دعووں  نے  الیکشن کمیشن کی  جانب داری کو طشت از بام کردیا ہے۔

    یاد رہے ملک میں 2004 میں جب  پہلی مرتبہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس کے بعد سے ہی الیکٹرانک انتخابی نظام  کے بارے میں شکوک و شبہات کا اظہار کیا جانے لگا ہے۔ یہ معاملہ  بی جے پی کے 2014 میں  برسر اقتدار آنے کا بعد نہایت سنگین شکل اختیار کرگیا ہے

    بالخصوص الیکشن کمیشن کے ’جانبدارانہ رویہ‘  نے  اس صورت حال کو دو آتشہ کردیا ہے۔  خود بی جے پی نے 2009 کی شکست کے بعد یہ معاملہ پرزور طریقہ سے اٹھایا تھا ۔ اس کے ایک لیڈر جی ایل  نرسہما نے ای وای ایم پر ایک کتاب بھی لکھی تھی جس کا پیش لفظ  ایل کے ایڈوانی نے لکھا تھا۔  لیکن  اب وہی بے جی پی الیکٹرانک انتخابی نظام کی سب سے بڑی وکیل ہے۔

  • مہاراشٹر میں نفرت کی بنیاد پر اسمبلی انتخاب لڑنے کی تیاری

    مہاراشٹر میں نفرت کی بنیاد پر اسمبلی انتخاب لڑنے کی تیاری

    ایک کہاوت ہے کہ گیدڑ کی موت آتی ہے تو وہ شہر کا رخ کرتا ہے یا چیونٹی کے پر اس وقت نکلتے ہیں جب اس کی زندگی کا اختتام قریب ہوتا ہے ۔ ان کہاوتوں کی روشنی میں یہ تو نہیں کہہ سکتے کہ بھارت یا ریاست مہاراشٹر میں فرقہ واریت کا خاتمہ قریب ہے ۔ لیکن اتنا تو کہا ہی جاسکتا ہے کہ منافرت کی سیاست کرنے والوں نے لوک سبھا الیکشن کے نتائج سے کوئی سبق سیکھنے کی بجائے منافرت کی شدت میں اضافہ کردیا ہے ۔ ہم یہ بھی نہیں کہہ سکتے کہ یہ اضافہ انہیں فائدہ پہنچائے گا یا نقصان ؟ مگر یہ تو طے ہے کہ نفرت کی اس سوچ سے ریاست کا ماحول بگڑے گا اور خدا نہ کرے اگر یہ کوششیں کامیاب ہوگئیں تو جہاں جانی و مالی نقصان ہوگا وہیں یہاں کے فرقہ وارانہ ہم آہنگی والے ماحول کو بھی نقصان پہنچے گا ۔ امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے سبب معاشی سرگرمیاں سست پڑیں گی جس کا راست اثر ریاست کی جی ڈی پی پر ہوگا ۔بہر حال سیاست دانوں پر ان حالات کا یا عوام کو ہونے والے نقصان کا کوئی اثر پہلے ہوا ہے نہ اب ہونے والا ہے ۔ ان کا ایک ہی منصوبہ ہوتا ہے یعنی ہر حال میں اقتدار کا حصول ۔ اس لئے اس کاتجزیہ ضروری ہے کہ وشال گڑھ میں ہوا کیا تھا اور اب آگے کیا ہونا ہے۔ اور اس طرح کے واقعات کا تسلسل کب تک قائم رہے گا ؟

    14؍ جولائی کو شرپسند عناصر کی بڑی تعداد جن کی تعداد، ایف آئی آر کے مطابق پندرہ سو تھی اور جس کی قیادت سمبھا جی اور دیگر کررہے تھے ، نے اچانک ملک ریحان کی درگاہ اور اس کے اطراف کی مسلم آبادی پر حملہ کردیا ۔ اس بھیڑ نے لوگوں کو مارا پیٹا ، گھروں کو لوٹا ، آگ زنی کی اور مسجد پر چڑھ کر اسے بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی ۔ مسجد کے اندرونی حصوں میں بھی توڑ پھوڑ کی گئی ۔ متاثرین کا الزام ہے کہ جس وقت یہ سب کچھ ہو رہا تھا اس وقت پولیس  خاموش تماشائی بنی ہوئی تھی جیسا کہ آزادی کے بعد سے ہی اس طرح کا الزام پولیس  فورس پر لگتا آرہا ہے ۔لیکن مسئلہ یہ ہے کہ آج تک حکومتیں یا اعلی پولیس  افسران نے اس پر کوئی کارگر کارروائی یا سدھار کی کوئی کوشش نہیں کی ۔ یہ سب کچھ وہاں سے تجاوزات کے خاتمہ کیلئے کیا جارہا تھا ۔ یعنی پولیس  اور شرپسند ساتھ ساتھ غیر قانونی حرکت میں شامل تھے ۔ اک ٹرینڈ چل پڑا ہے کہ تجاوزات اور غیر قانونی قبضہ کے نام پر مسلمانوں کی املاک کو زمین بوس کرنا اب قابل گرفت عمل نہیں رہا ۔ لیکن اس واقعہ کے چار پانچ دن بعدہائی کورٹ میں وشال گڑھ قلعہ کے علاقے کے تین مقامی لوگوں ایوب یو کاغذی، عبدالسلام کے ملنگ اور مراد محلدار نے تشدد،  پولیس کی مبینہ بے عملی اور پی ڈبلیو ڈی کی مسماری پر الگ الگ درخواستیں دائر کیں۔دوران سماعت شاید پہلی بار ججوں نے بہت سخت رویہ اپناتے ہوئے پولیس  اور انتظامیہ کو سخت وارننگ دی کہ تاحکم ثانی ساری کارروائی روکی جائے ۔ ماضی میں دیکھا گیا ہے کہ عدالت کے حکم کے باوجود حکومت اور پولیس  و شہری انتظامیہ نے کسی حیلے بہانے سے اپنی کارروائی جاری رکھی ۔ اس لیے ججوں نے سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ذرا سی بھی حکم عدولی ہوئی تو سخت کارروائی کی جائے گی اور ذمہ داروں کو جیل جانا پڑے گا ۔ججوں نے 29؍ جولائی کو جواب داخل کرنے کی تاریخ مقرر کی تھی ۔

    29؍ جولائی کو تشدد کے لئے 21گرفتار شدگان  میں سے پندرہ افراد نے ضمانت کی عرضی داخل کی تھی ۔عدالت نے پولیس  سے پوچھا کہ ان گرفتار شدگان کے خلاف  ان کے پاس کیا ثبوت ہے ؟ واضح رہے کہ ایف آئی آر پندرہ سو افراد کے خلاف  ہوئی ہے جس میں بائیس نامزد افراد شامل ہیں اور اس فسادی گروہ کی قیادت کرنے والے دو افراد پولیس  کے مطابق ہنوزفرار ہیں ۔

    یہ مسائل اس لئے پیدا کئے جارہے ہیں کہ اس کی مدد سے سماج میں خلیج پیدا کرکے سیاسی عزائم کی تکمیل کی جائے ۔ ورنہ مقامی افراد میں کوئی فرقہ وارانہ خلیج نہیں ہے ۔ اس سے قبل وہاں ایسا کوئی واقعہ نہیں ہوا۔ اب یہ ہندو شدت پسند گروہ جو گذشتہ کئی برسوں سے مہاراشٹر میں سرگرم ہیں ان کا اگلا نشانہ لونا والا (مہاراشٹر کا ایک سیاحتی مقام) کے قریب لوہ گڑھ قلعہ تھا ۔یہاں  پر وشال گڑھ کی طرز پر جلوس نکالنے کا منصوبہ سکل ہندو سماج ، بجرنگ دل ، نیول گروپ اور لوہ گڑھ مکتی سنگھرش مہم وغیرہ شامل تھے ۔ انہوں نے شیواجی دور کے چالیس سے زیادہ قلعوں کی فہرست بنا رکھی ہے جس میں رائے گڑھ ، چندن وندن گڑھ اور قلابہ کا قلعہ شامل ہے ،جہاں سے بزعم خود ان کا مقصد تجاوزات ہٹانے کا ہے ۔سماجی تنظیموں اور سیاسی لیڈروں  نےاس طرح کے کسی بھی مارچ یا تحریک پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے کہ تاکہ ریاست کو تشدد سے بچایا جاسکے ۔ عرصہ سے کلیان کی حاجی ملنگ درگاہ بھی ان کی اشتعال انگیزی کا مرکز رہی ہے ۔ ایک زمانہ میں جب شیو سینا کے ایک گروہ  کی تطہیر قلب نہیں ہوئی تھاتو وہ علامتی طور پر وہاں تشدد پھیلانے کی کوشش کرتا تھا ۔ اب یہ کام شیو سینا کا دوسرا گروپ کررہا ہے ۔ موجودہ وزیر اعلیٰ کلیان درگاہ کی آزادی کا نعرہ بلند کرچکے ہیں ۔ یہ الگ بات ہے کہ حکومتی فرائض میں مصروف ہوکر یا سیاسی مصلحت پسندی کی وجہ سے اب ان کی زبان سے اس طرح کے الفاظ ادا نہیں ہورہے ہیں ۔

    لوک سبھا انتخاب میں ہزیمت کے بعد حکومت مہاراشٹر نے عوامی رفاہی منصوبوں کا اعلان کرکے عوام کے رخ کو اپنی جانب موڑنے کی کوشش کی ہے لیکن شاید وہ اس سے مطمئن نہیں ہیں اسی لئے تشدد اور اشتعال انگیزی پر نرم رویہ یا در پردہ حمایت کا رویہ اپنا رکھا ہے ۔ اس طرح کے رویہ اور عوامی مزاج کو دیکھتے ہوئے یہ سوال کھڑا ہوتا ہے کہ کیا بی جے پی اور اس حلیف پارٹیاں مہاراشٹر اسمبلی پر منافرت کی سیاست سے قبضہ کر پائیں گے ۔ اگر اس کا جواب وثوق سے ہاں میں نہیں دیا جاسکتا تو  اس کی نفی بھی نہیں کی جاسکتی ۔ بی جے پی اور شیو سینا و این سی پی کے باغی گروہوں سے گھر واپسی کرنے والوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ کو دیکھتے ہوئے اس بات کا قوی امکان ہے کہ عوام لوک سبھا سے زیادہ ریاستی اسمبلی میں کانگریس، این سی پی شرد پوار، شیو سینا ادھو کو نوازنے والے ہیں ۔ یہی خدشہ بی جے پی اور ان کے حلیفوں کو پریشان کئے ہوئے ہے ۔اسی لئے وہ تشدد کی آگ کو سلگانے کی کوشش کررہے ہیں ، یعنی صاف چھپتے بھی نہیں اور پاس آتے بھی نہیں والی بات ہے۔یہ اپنی کوشش سے باز نہیں آئیں گے اور چاہیں گے کہ تشدد پھیلے اور سماجی تانا بانا بکھرے کیوں کہ یہی ان کی امید کی آخری کرن ہے ۔ وہ ایک کے بعد ایک شوشہ چھوڑیں گے اور حکومت اور انتظامیہ چشم پوشی اختیار کرے گی۔ امید ہے کہ مہاراشٹر کے عوام اپنی بالغ نظری کا ثبوت دیتے ہوئے ان کے منصوبے خاک میں ملا دیں گے ۔  29 ؍ جولائی کو عدالت میں پولیس  نے اپنی تساہلی اور جانبداری کا جواز فراہم کرتے ہوئے یہ کہا کہ موسلا دھار بارش اور کہرے کی وجہ سے انہیں کارروائی کرنے میں مشکلات کا سامنا تھا۔ دوسرے، ایک جگہ اور احتجاج اور دھرنا کا پروگرام تھا جس کی وجہ سے وہ تذبذب کا شکار ہوگئے کہ انہیں جانا کہاں ہے ۔ پولیس  کے بیان سے ناراض  ایک مراٹھی صحافی نے کہا کہ اس کا لب لباب یہ نکلتا ہے کہ پولیس  والوں کی آنکھیں پھوٹ گئی تھیں اس لئے وہ تشدد پر آمادہ افراد پر کارروائی نہیں کرسکے۔

    کانگریس اور اس کی حلیف  پارٹیوں کو ریاستی اسمبلی میں اکثریت ملنے کی امید ہے ۔ اس کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ یہاں کے عوام میں فرقہ وارانہ سوچ پختہ نہیں ہے جیسا کہ ہندی بولنے والی ریاستوں میں ہے ۔ آر ایس ایس کا ہیڈ کواٹر یہیں ہے اور اس کےچوٹی کے لیڈر یہیں کے رہے ہیں اس کے باوجود ان کی بنیاد یہاں کمزور ہی رہی ہے ۔ دوسری اہم وجہ گجرات لابی کے ذریعہ یہاں کی صنعت کو گجرات منتقل کرنے کے سبب یہاں مقتدر طبقہ کے خلاف  منافرت کا ماحول پروان چڑھ رہا ہے ۔ تیسری وجہ بغاوت ہے جس کی وجہ سے لوک سبھا میں بھی بی جے پی اور اس کی حلیف پارٹیوں کو نقصان ہواتھا۔ عوام آج بھی انہیں غدار تصور کرتے ہیں۔ چوتھی اور اہم بات یہ ہے کہ مسلمانوں میں سیاسی شعور پختہ ہے ، جس کی وجہ سے وہ کوئی ایسا قدم نہیں اٹھاتے جس سے فرقہ پرستوں کو طاقت ملے اور وہ پھر سے اقتدار پر قابض ہوجائیں ۔

  • یو پی حکومت  کے مسلم مخالف اقدامات

    یو پی حکومت کے مسلم مخالف اقدامات

    مغربی اترپر دیش کے شہر مظفر نگر میں جیسے ہی داخل ہوتے ہیں ڈی جے پر  کان پھاڑ دینے والی موسیقی اور زعفرانی لباس میں ملبوس کانوڑیوں کی بھیڑ استقبال کرتی ہے جب کہ  مقامی باشندے خال خال  ہی نظر آتے ہیں ۔ مظفر نگر کو  کانوڑیا یاترا میں مرکزی حیثیت حاصل ہے جہاں سے ہر ریاست کے یاتری گزرتے ہیں۔ شہر کی مرکزی شاہراہ  پر کئی دکانیں اور ریستوراں (نان ویج) یا تو بند ہیں یا گاہکوں کے منتظر ہیں۔ یوپی کی یوگی آدیتہ ناتھ حکومت  کے  غیر آئینی فرمان کا  سب سے زیادہ اثر اسی شہر میں نظر آتا ہے ۔ سیکولر  دستور کے تحت حکومت کا اپنا کوئی مذہب ہوتا ہے اور نہ وہ کسی مذہب کو خصوصی ترجیح دے سکتی ہے۔ لیکن جب سے  بی جے پی برسر اقتدار آئی ہے  سیکولر کردار کی دھجیاں کچھ زیادہ ہی اڑائی جارہی ہیں۔ یہ پیغام دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ یہ ایک مخصوص مذہب کے  ماننے والوں کا ملک ہے جب کہ  دیگر مذاہب کے لوگ دوسرے و تیسرے درجے کے شہری ہیں۔ گو سپریم کورٹ نے اس متنازعہ حکم پر  روک لگادی ہے لیکن مسلم دکانداروں  نے اپنے  نام کے کتبے دکانوں کی پیشانی پر اب بھی چسپاں ہیں۔  حزب اختلاف اور سول سوسائٹی نے اس حکم نامہ کو  ایک مخصوص کمیونٹی کو نشانہ بنانے سے تعبیر کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ سراسر امتیازی اور غیر آئینی ہے جو نازی جرمنی اور جنوبی افریقہ کی نسل پرست حکومت کی یاد دلاتا ہے ۔

    اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ حکم نامہ   فرقہ وارانہ سیاست سے آلودہ تھا، جس کا مقصد  وزیراعلیٰ  یوگی آدیتہ ناتھ کو کرسی سے ہٹانے کی مہم کی طرف سے توجہ ہٹانا تھا جن کو یوپی میں پارلیمانی الیکشن  کے دوران بی جے پی کی خراب کارکردگی کے لیے  ذمہ دار ٹھہرایا جارہا ہے۔  تاہم اس حکم نامہ نے مظفر نگر کے  دونوں طبقات ( ہندو  اور مسلم ) کو برہم کردیا ہے۔ جن کے مطابق یہ  شہر کے  پرامن ماحول کو خراب کرنے اور  ان کے کاروباری مفادات کو نقصان پہنچانے کا سبب ہے ۔کیوں کہ ان کے کاروبار ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔

    افکار ملی سے بات کرتے ہوئے مسلم اسٹور مالکان نے کہا کہ ان پر پولیس محکمہ کا دباؤ تھا کہ وہ اپنے نام ظاہر کریں۔ محمد قمر عالم کے مطابق 15, جولائی کو پولیس اہلکار ان کے اسٹور پر آ گئے اور انہیں سائن بورڈ پر مالک کا نام لکھنے کی ہدایت دی۔ جس شاہراہ   سے کانوڑ  یاتری گزرتے ہیں،  اسی پر  قمر عالم کی  ڈیری اور مٹھائی  کی دکان ہے  جس پر انمول ڈرنکس  کا نا م آویزاں ہے۔قمر عالم نے کہا کہ اس حکم  سے ہمارے کاروبار پر کوئی اثر نہیں پڑا کانوڑیے بدستور ہماری  دکان پر آ رہے ہیں۔

    بیکری مصنوعات فروخت کرنے والے یعقوب نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ جب  دکانداروں سے کہا جا رہا ہے کہ وہ اپنی دکانوں کی شناخت کے لیے مالکان کے نام ظاہر کریں۔مسلمان اور ہندو ایک دوسرے کی دکانوں سے چیزیں خریدتے ہیں۔ ان دونو ں کے کاروباری مفادات  ایک دوسرے سے جڑے ہیں، لہذا اس فرمان  کا مقصد  بھائی کو بھائی سے الگ کرنے کے سوا کچھ نہیں۔

    انہی احساسات  کی ترجمانی کرتے ہوئے، ایک اور دکاندار فضل احمد نے کہا کہ یہ ایک عجیب وغریب فرمان ہے، اس سے کیا فرق پڑتا ہے کون کس کی دکان سے کیا خرید رہا ہے۔  یہ تو  فرقہ وارانہ جذبات کو ہوا دینے  کے مترادف ہے جب کہ حکومت کا کام امن اور بھائی چارہ  بنائے رکھنا ہوتا ہے، جس کا آئین  تقاضہ کرتا ہے۔ فضل احمد کی دکان انمول ڈرنکس کے بالکل سامنے ہے۔

    جب اس نامہ نگار نے دہلی کے نوجوان کانوڑیا ابھیشیک کو فضل کی دکان پر دم لیتے دیکھا تو اس سے سوال کیا کہ آپ  ایک مسلم دکاندار  کی دکان پر  بیٹھے  ہیں وہ تو گویا ہوا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا یہ کس کی دکان ہے ! وہ  سامان خریدنے میں ہندو یا مسلمان اسٹور کی تفریق نہیں کرتے ۔

    ہریانہ  سے تعلق  رکھنے والے  ایک اور کانوڑیا  دیویش نے  بتایا کہ جب کانوڑیا  مسلم علاقوں سے گزرتے  ہیں تو انہیں کوئی مسئلہ در پیش نہیں ہوتاہے۔ وہ (مسلمان) ہمارے ساتھ ہمدردی سے پیش آتے ہیں اور ہم مسلمانوں کی دکانوں سے کھانے پینے کی چیزیں اور دیگر اشیاء خریدتے اور کھاتے ہیں۔ یو پی حکومت کا فرمان غلط ہے اس طرح کا بھید بھاؤ حکومت کی طرف سے نہیں ہونا چاہیے۔

    تاہم غازی آباد کے  ایک گاؤ ں سے تعلق رکھنے والے کانوڑیا  دیوندر نے یوگی حکومت کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے معلوم ہوگا کہ کون اس کا مالک ہے ۔ شاہد نے جو کئی سالوں  سے کانوڑ یاترا کے راستے پر چائے کی دکان لگاتے ہیں نے بتایا کہ  ’’اگرچہ ہماری  دکان پر پہلے سے ہی والد کے نام کا بورڈ موجود ہے، انتظامیہ نے اصرار کیا کہ ہم ایک نیا نصب کریں۔” شاہد نے مزید کہا کہ  ہم ہر سال کانوڑیوں کی خدمت کرتے ہیں۔ جب وہ ہمارے اسٹور کے پاس رکتے ہیں تو وہ مجھے شاہد بھائی کہہ کر بلاتے ہیں۔  ہم کبھی  ان کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کرتے ۔

    حکومت کے فرمان کا یہ اثر تھا کہ پھل کا بھی مذہب  بن گیا۔   پھلوں  کا ٹھیلہ لگانے والوں کو بھی حکم دیا گیا کہ وہ اپنا نام ظاہر کریں۔ چنانچہ  پھلوں کی گاڑیوں پر بھی نام لکھے گئے ہیں۔  شاہد نے طنز کرتے ہوئے کہا  "پھل درخت پر اگتا ہے۔ کوئی نہیں بناتا تاہم مسلمان ان پر بھی اپنے نام لکھنے پر مجبور ہیں‘‘۔

    شہر  کے مسلم ارتکاز والے  علاقہ کھالاپار مارکیٹ میں متعددا سٹور مالکان نے اپنے اداروں پر نام کی تختیاں لگا رکھی ہیں۔ پھل فروشوں نے اپنے اسٹال اور گاڑیوں پر اپنے نام لکھوا رکھے ہیں۔ یہ ایک عجیب  سا منظر ہے ۔آم فروش عارف اپنی گاڑی کے پیچھے کھڑا ہےجس پر ایک سفید بورڈ ہے جس پر ہندی  میں لکھا ہے  ”عارف پھل”۔  عارف نے بتایا کہ انہیں کچھ دن پہلے پولیس  اہلکاروں نے  حکم دیا تھا کہ  اپنے ٹھیلوں پر نام لکھیں  ۔

    عارف پچھلے دس سال سے پھلوں کے کاروبار کر رہا ہے ۔ ایسا حکم پہلے کبھی نہیں آیا ۔ کیا نام  ظاہر کرنے سے پھلوں  پر بھی مذہبی رنگ چڑھ  جاتا ہے؟  اس نے سوال کیا ۔

    اس حکم نامہ سے ان مسلم  ہوٹلوں کو بھی مستثنیٰ نہیں رکھا گیا جو صرف صرف سبزی  اور دال کے  پکوان پیش کرتے ہیں۔ جس سے صاف  ظاہر ہوتا ہے اس کا مقصد ایک مخصوص کمیونٹی کی معیشت کو متاثر کرنا ہے۔ مرکزی شاہراہ پر ایک سبزی خور ہوٹل ہے جس کے مالک  سلیم احمد ہیں۔ ان کے ہوٹل کے سائن بورڈ پر پہلے کسی مسلم نام درج نہیں تھا۔ اب انہیں اپنا  نام  سلیم  ہوٹل کے نام کے ساتھ لگانا پڑا ہے۔سلیم نے بتایا کہ ان  کے  ہوٹل میں صرف سبزی خور کھانا بنتا ہے تاہم  پولیس نے ان سے بورڈ پر اپنا نام لکھنے کا حکم دیا ۔ جب پوچھا گیا کہ کیا آپ کے کاروبار پر کوئی اثر پڑا ہے ؟ سلیم نے کہا ’’ شناخت ظاہر ہونے کے بعد  سے پہلے سے زیاد ہ یاتری  کھانے کے لیے آ رہے ہیں، کیوں کہ  ہمارا کھانا مزیدار ہوتا ہے،۔ سلیم نے مزید کہا، ’’ہم 2 اگست کو یاترا ختم ہونے کے بعد پرانے سائن بورڈ کو دوبارہ نصب کر دیں گے۔‘‘

    بی جے پی کے  زیر قیادت یوپی حکومت  کا رویہ گوشت  کا کاروبار کرنے والوں ساتھ بھی معاندانہ نظر آتا ہے۔  چنانچہ یہ حکم نامہ    گوشت اور مچھلی فروشوں کے ساتھ ساتھ ان ہوٹلوں کے لیے  بھی بے روزگاری کا سبب  بن گیا۔ 22 جولائی کو  جب سے یاترا شروع ہوئی، گوشت  فروشوں کو اپنی دکانیں کھولنے سے منع کرد یا گیا ہے، یہاں تک کہ مویشیوں کے ساتھ مرغیوں  کے ذبیحہ پر بھی پابندی عائد  کردی گئی ۔  مین روڈ پر واقع اپنے نان ویجیٹیرین کھانوں کے لیے مشہور کریم ہوٹل 22 جولائی سے بند ہے کیوں کہ شہر میں  گوشت دستیاب نہیں ہے۔ گوشت فروش نفیس احمد نے دعویٰ کیا کہ سینکڑوں لوگ اس پیشہ سے وابستہ جن میں بیشتر یومیہ  مزدور ہیں۔اس اقدام  کے نتیجے میں یہ لوگ بے روزگار ہو گئے اور ان کے پاس  معاش کا کوئی اور ذریعہ نہیں ہے۔ شہر میں تقریباً 500 گوشت کی دکانیں ہیں اور سب بند ہیں۔ پولیس  17 جولائی سے ہی کاروبار بند کرنے کے لیے  دباؤ ڈال رہی تھی مگر ہم  نے اس کے سامنے جھکنے سے انکار کردیا۔ اس سے پہلے کانو ڑ یا یاترا کے موقع پر انتظامیہ ایک ہفتے کے لیے  پابندی لگاتی تھی۔ بی جے پی کے بر سر اقتدار آنے سے پہلے  یاترا کے آخری دن گوشت پر پابندی لگائی جاتی تھی اب یہ 15 دنوں کے لیے ہے ۔

    ایک اور گوشت فروش  علاؤ الدین نے کہا کہ   کانو ڑ یا یاترا  کوئی نئی مذہبی  یاترا نہیں ہے بلکہ یہ ہر سال ہوتی ہے تاہم جب سے

    بی جے پی اتر پردیش میں اقتدار میں آئی ہے قریشی برادری کا جینا دوبھر ہوگیا ہے۔ ان کے مطابق ریاست میں غیر بی جے پی حکومتوں نے یاترا کے دوران اس طرح کی پابندیاں کبھی نہیں لگائیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یوگی حکومت مختلف بہانوں سے گوشت کی تجارت کو نشانہ بنا رہی ہے۔ مقامی انتظامیہ گوشت کی دکان کھولنے کے لیے نیا لائسنس جاری نہیں کرتی اور نہ ہی پرانے لائسنس کی تجدید کرتی ہے۔ بہانہ یہ ہوتا کہ نیا  مذبح تعمیر کیا جائے۔ علاؤالدین  نے سوال کیا کہ سلاٹر ہاؤس کے لیے ہم ایک بڑی رقم کہاں سے لائیں گے۔ یہ ذمہ داری تو حکومت کی ہے  وہ  ہر مقام پر سلاٹر ہاوس تعمیر کرے۔ کیوں کہ گوشت صرف مسلمان ہی نہیں کھاتے ہیں بلکہ غیرمسلم سب سے زیادہ کھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوشت کا کاروبار کرنے والوں کو گزشتہ دس سالوں سے طرح طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    خیال رہے کہ کانوڑیایاترا ہندوؤں کے مقدس مہینے ساون کے دوران ہوتی ہے۔ ہندو دیوتا شیو کے عقیدت مند پانی جمع کرنے اور اسے شیو مندروں میں پیش کرنے کے لیے گنگا کے کنارے مذہبی مقامات تک پیدل سفر کرتے ہیں۔ یہ یاترا 22جولائی سے شروع ہوئی اور 2 اگست کو اختتام کو پہنچی۔

    15 جولائی کو اتر پردیش کے مظفر نگر ضلع میں حکام کی طرف سے یاترا کےتما م راستوں  پر موجود ریستورانوں اور دکانداروں کو حکم دیا تھا کہ وہ اپنی مذہبی شناخت کو واضح کریں۔  یہ بھی کہا گیا تھا کہ جو حلال سرٹیفکٹ کے ساتھ مصنوعات فروخت کرے گا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ یوپی حکومت سے شہ پاکراتراکھنڈ کی بی جے پی حکومت نے بھی اسی طرح کی پابندی عائدکردی تھی،  یہاں تک کہ اس راستہ میں واقع ایک مسجد اور مزار کو پردہ سے ڈھک دیا گیا تھا کہ کہیں کانوڑیوں کا دھرم  بھرشٹ نہ ہوجائے۔ اس اقدام کی ہر طرف سے سخت مذمت ہونے کے بعد پردہ  ہٹادیا گیا تھا۔ کانوڑ یاترا کے دوران تشدد کے واقعات  عام بات ہوگئی ہے۔ اس دوران درجنوں ایسے واقعات سامنے آئے جس میں کانوڑیوں نے معمولی خراش پہنچنے پر راہ گیروں اور موٹر سواروں کو شدید زدو کوب کا نشانہ بنایا اور ان کی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا، جب کہ  پولیس خاموش تما شائی بنی رہی۔

    اس حکم نامہ پر اپوزیشن کے ساتھ ساتھ حکومت کی اتحادی جماعتوں جیسے جے ڈی (یو) اور لوک جن شکتی پارٹیوں نے بھی تنقید کی۔ سول سوسائٹی کے گروپوں نے اس حکم کو نازی جرمنی سے مشابہ قرار دیا۔ ان کے مطابق  ہولوکاسٹ سے پہلے نازی جرمنی اور اس کے زیر قبضہ یورپی ملکوں میں یہودیوں کو اپنی شناخت ظاہر کرنے کے لیے  مجبور کیا گیاتھا ۔اس کے تحت یہودیوں کو اپنے گلے میں  پیلے رنگ کا ستارہ ڈیوڈ  (Star of David  )پہننا پڑتا تھا ۔

    حزب اختلاف کی جماعتوں نے اس اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کی حلیف جماعتوں کو چاہیئے کہ وہ اس کو اس طرح کی تفرقہ انگیز اور خطرناک حرکتوں سے باز رکھے۔ مارکسی کمیونسٹ پارٹی نے کہا کہ اس حکم نامہ کا فوری مقصد فرقہ وارانہ پولرائزیشن کو تیز کرنا ہے۔ بی جے پی حکومتوں کے اس طرح کے اقدامات جلد ہی ذات پات کے تناؤ کو بڑھانے اور ذات پات کی بنیاد پرسماجی جبر کو تیز کرنے کا باعث بن سکتے ہیں۔ یہ وہ سمت ہے جس میں بی جے پی کا مقصد ہمارے معاشرے کو ’منوسمرتی‘ کے خطوط پر استوار کرنا ہے، جو ہمارے آئین کی بنیادوں اور اس کی آزادی، مساوات، بھائی چارے اور تمام شہریوں کے لیے انصاف کی ضمانت کی نفی کرتاہے۔ جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے وزیراعظم مودی سے اس  بارے میں اپنا موقف ظاہر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ  بی جے پی دلتوں، مسلمانوں اور دیگر گروہوں کے حقوق کو محدود کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور ان کی معیشت کو نقصان پہنچانا چاہتی ہے۔

  • نئے تعزیری قوانین غیر ضروری

    نئے تعزیری قوانین غیر ضروری

    لغت کے مطابق یہ ایک کہاوت ہے ،جس کی مقبولیت کا سہرہ سابق امریکی صدر جمی کارٹر حکومت کے ایک اہلکار سے منسوب ہے۔ کہا جاتا ہے کہ ” کسی ایسی چیز کو تبدیل کرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے جو اچھی طرح سے کام کر رہی ہو”۔مجموعہ تعزیرات ہند (Indian Penal Code) 150 سال پرانا ہے۔ اس نے نہ صرف ہندوستان بلکہ باقی جنوبی ایشیا میں بھی اپنا کردار ادا کیا ہے۔ اگرچہ پاکستان خود کو ایک اسلامی جمہوریہ کہتا ہے، لیکن 1947 کے بعد اس کے تقریباً تمام قوانین وہی رہے جو انگریز چھوڑکر گئے تھے اور برصغیر میں رائج ہیں جس کو 1830 کی دہائی میں تھامس میکالے نے رقم کیا تھا اور جو 1862 سے نافذ ہوئے تھے۔

    یہاں تک کہ 2023 میں بھی تعزیرات ہند اورتعزیرات پاکستان تقریباً ایک جیسے ہی تھے۔ 1947 کے بعدسے جو ترمیمات ہوئی ہیں وہ دونوں طرف کم ہیں۔ جس طرح لاہور کے لوگ جانتے ہیں کہ دفعہ144 (دفعہ 144 جومخصوص حالات میں لوگوں کو جمع ہونے کو جرم قرار دیتی ہے) کا قانون میں کیا مطلب ہے بالکل اسی طرح چنئی کےلوگ بھی اس کے مضمرات سے واقف ہیں۔ان قوانین سے لوگ واقف تھے اور وہ نافذ العمل تھے۔ تھانیدار اور کانسٹیبل سے لے کرعام شہری تک سب کو ان کے بارے میں علم تھا۔ پاکستانیوں اور ہندوستانیوں دونوں کے لیے، قتل کی سزا سےمتعلق دفعہ کو 302 اور دھوکہ دہی سے متعلق دفعہ کو 420 کہا جاتاہے۔ یہ تعزیرات ہند کے وہ نمبر ہیں جو 1947 میں آزادی کے بعد بھی برصغیر میں استعمال ہوتے رہے ہیں۔

    ایسا اس لیے کہ یہ قانون کام کرتا رہا ہے۔ اگر عدالتوں میں مقدمات کااژدحام ہے تو اس کی وجہ یہ نہیں کہ قوانین میں خامیاں ہیں اور نئےقوانین کے آجانے سے کوئی راحت مل جائے گی(بلکہ ہم اس کےبرعکس نتیجہ دیکھیں گے)۔ اگر مسئلہ یہ ہے کہ نوآبادیاتی قوانین ایک آزاد قوم کے لیے موزوں نہیں ہیں اور ہمیں زیادہ آزاد اور لبرل قوانین کی ضرورتہے تو کوڈ کا نام سنہتا رکھنے سے یہ تبدیلی نہیں ہوسکتی۔ نہ ہی ملک میں ایسا کوئی مطالبہ تھا کہ قوانین کو تبدیل کیا جائے۔ اس سے ہماری مراد وقت بدلنے کے ساتھ جوتھوڑی بہت حذف و ترمیم، معانی کی تبدیلی یا نئے معانی کی شمولیت ضروری ہو جاتی ہے سے نہیں ہے۔ یہاں سوال سرے سے پورے مجموعہ تعزیرات ہند کو تبدیل کرنے کا ہے۔ یعنی کسی عمارت کوبغیر کسی وجہ کے مکمل طور پر گرا دینا۔ اہم سوال یہ ہے کہ جو چیز قابل عمل ہے اسے کیوں بدلا جائے؟

    اس کا جواب نہ راقم الحروف پاس ہے اور نہ ہی کبھی مل پائے گا۔ اب بالی ووڈ کے اسکرپٹ رائٹرز کو اپنے مکالمے بدلنے ہوں گے ،ان کےاسکرین ججوں اور پولیس اہلکاروں کو کچھ نئی دفعات یاد کرنے کی ضرورت ہوگی، لیکن پیش آمدہ مسائل اس سے زیادہ گہرے ہیں۔ اولاَیہ کہ نئے قوانین سے عدالت میں داخل عرضیوں میں اضافہ ہو گا۔ وکیل سنجےہیگڑے کے مطابق چیک باؤنس ہونے کو فوجداری جرم قرار دئے جانےکےبعدعدالتیں نئی درخواستوں سے بھر گئی ہیں۔ وکیل کولن گونزالویز کاسوال ہے کہ پولیس کو نوآبادیاتی دور کے مقابلے شہریوں پر زیادہ من مانی کر نے کا اختیار کیوں دیا جا رہا ہے۔ کانگریس لیڈر اور وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے پوچھا ہے کہ 10 سال کی سزا کے ساتھ ‘لوجہاد’ کے غیر موجود (خود حکومت کے مطابق) رجحان کو جرائم کی فہرست میں کیوں شامل کیا جا رہا ہے۔ کچھ اور لوگوں نےیہ بھی نشاندہی کی ہے کہ بغاوت، ایک نئے نام سے، اس نئے مجموعہ تعزیرات میں ہنوز باقی ہے۔

    بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا کی دفعہ 187، جس نے پرانے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 167 کی جگہ لی ہے، جوڈیشل مجسٹریٹ کو اختیاردیتی ہے کہ وہ کسی ملزم کو 90 دنوں تک پولیس کی تحویل میں رکھ سکتا ہے۔ یہ اس سے پہلے کی دفعہ 167 کے برعکس ہے جس کے تحت کسی شخص کو زیادہ سے زیادہ 15 دن کے لیے پولیس کی تحویل میں دیا جا سکتا تھا۔ اضافی تحویل کا مطالبہ کون کر رہا تھا اوراس کی ضروت کیا تھی ؟ کیایہ ثابت کرنے کے لیے ہمارے پاس کون سے شواہدہیں؟حالاں کہ پہلے ہی سے زیر سماعت قیدی اکثر مہینوں حتیٰ کہ سالوں بغیر مقدمہ چلے جیل میں گزارتے رہے ہیں؟

    مودی حکومت کا دعویٰ ہے کہ غداری  کو جرم قرار دینے والی دفعہ کو ہٹادیا گیا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ محض اس کا نام بدل دیا گیا ہے۔ بھارتیہ نیائے سنہتا سیکشن 152 کہتا ہے: "کوئی بھی شخص کسی بھی مقصد سے، جان بوجھ کر، الفاظ کے ذریعہ،لکھ کر ، بول کر ،اشاروں سے، کسی چیز کے ذریعہ ،  الیکٹرانک مواصلات کے ذریعہ، مال کے استعمال سے، یا دوسری کسی صورت سے، جوش دلاتا ہے یا حوصلہ افزائی کرنے کی کوشش کرتا ہے ۔علیحدگی ، مسلح بغاوت ، تخریبی سرگرمی،  علیحدگی پسند سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی ، ہندوستان کی خودمختاری یا اتحاد وسالمیت کو خطرے میں ڈالناا اسی طرح کے کسی فعل میں ملوث یا اس کا ارتکاب کرنے والے کو عمر قید یا سات سال قیدکی سزا  اور جرمانہ ہوسکتا ہے۔

    یہ مختلف کیسے ہے؟ سچی بات یہ ہے کہ یہ مختلف نہیں ہے۔ تو پھر یہ تبدیلی کیوں؟ ماسٹر اسٹروک کو سمجھنے کا سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ یہ تسلیم کر لیاجائے کہ وہ ماسٹر اسٹروک ہیں اور ان کی ضرورت یا دانشمندی پر سوال نہ کھڑا کیا جائے۔

    سابق آرمی چیف ایم ایم نروانے نے اپنی یادداشتیں مرتب کی ہیں اور اگرانہیں شائع کرنے کی اجازت دی گئی تو ان میں یہ انکشاف ہوگا کہ اگنی ویر اسکیم بالکل ہی حیران کن ہے۔ شارٹ سروس کمیشن کے ذریعے فوج نے اس سے بہتر تجویز دی تھی جسےالٹ دیا گیا۔یعنی اس طرح کی بھرتی سے آئےتین چوتھائی فوجیوں کی ملازمت برقرار رکھنے کے بجائےصرف ایک چوتھائی پر اکتفا  کیا گیا اور باقی کو محض 22سال کی عمر میں جبری طور پر ملازمت سے فارغ کردیا گیااور اس منصوبے میں بحریہ ا ور فضائیہ کوبھی شامل کرلیا گیا، جنہوں نے اس طرح کی کسی ’’اصلاح‘‘ کی نہ خواہش کی تھی اور نہ ہی انہیں اس کی ضرورت تھی۔

    اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ فیصلہ اوپر سے ہوا اور یہ وزیر اعظم کی ذہانت کی غیر متوقع اپج ہے ۔ اس نے ایک ایسی فوج جو 18ویں صدی یعنی 200 سالوں سے اچھی طرح کام کر رہی تھی کی صورت ہی بدل دی۔ ایسی کوئی چیز جو پہلے سےہی صحیح طور پر کام کررہی تھی اس کوڈسٹرب کرنے کی ضرورت کیا تھی؟ یہ سوال نوٹ بندی کے شاندارفیصلے کے بارے میں بھی پوچھا جا سکتا ہے۔ 1000 اور 500 روپے کےنوٹوں پر پابندی لگانے کی کس نے مانگ کی تھی؟ ریزرو بینک آف انڈیانے تو اس کی مخالفت کی تھی اور خبردار کیاتھا کہ یہ ایک غیر دانشمندانہ قدم ہے ،جس سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچے گا اور ہوا بھی وہی ۔ نہ ماہرین اقتصادیات اور نہ ہی تاجر برادری اور یقینی طورپر عوام نے بھی اس کا کبھی مطالبہ نہیں کیا تھا۔ ایسا صرف خواہشات کے چلتے ہوا ہے ۔ یہی ذہنیت نئے فوجداری قوانین میں بھی کام کر رہی ہے۔

    اس سے نہ صرف عدلیہ، پولیس، وکلاء اور عوام کو نئے قوانین سے پوری طرح واقف  ہو نا پڑے  گا بلکہ اس سے پرانے قوانین پر طے شدہ امور کوبھی خطرہ لاحق ہو جائے گا اور ہر قسم کے چھوٹے بڑے مسائل کھڑے ہوجائیں گے جو اس وقت نظر نہیں آرہے ہیں۔ قانونی نظیریں جو کہ کسی بھی قانون کی بنیادہوتی ہیں اور بحیثیت شہری جس کی ہم سب پیرویکرتے ہیں، ختم ہو جائیں گی۔ سوال یہ پیدا ہو تا ہے کہ اس تبدیلی کا مطالبہ آخر کون کررہا تھا؟ جج ، پولیس ، وکلاء اور عام شہریوں میں سے تو کسی نے اس کا مطالبہ نہیں کیا تھا۔وکیل سنجے ہیگڑے نےخبردار کیا ہے کہ ایک بار متعارف ہو جانےکے بعد، یہ نئی سنہتا(مجموعہ قوانین) نوٹ بندی سے بھی زیادہ تباہ کن ثابت ہوگی۔

    امید کہ ایسا نہیں ہوگا۔ہم پچھلی ایک دہائی کے حقائق کے باوجود اس طرح کی امید کرسکتے ہیں کہ یہ تبدیلیاں کافی غور وفکر اور تیاری کے بعد کی گئی ہوں گی۔ جب کہ حقیقیت یہ ہے کہ ان کی واقعتا َ ضرورت بالکل نہیں تھی۔وہ لوگ جو ابھی بھی پریشان ہیں اور پوچھ رہےہیں کہ ہم یہ کیوں کر رہے ہیں تو ان کا بس ایک ہی جواب ہے جو ایک ایسی ذہنیت میں پوشیدہ دکھائی دیتا ہے جو یہ مانتی ہے کہ "اگر یہ چیز صحیح سالم ہے تو اس کو توڑ دو”۔

  • چندر شیکھر آزاد راون اور مسلمان

    چندر شیکھر آزاد راون اور مسلمان

    بھیم آرمی کے بانی چندر شیکھر آزاد راون نے مغربی یو پی کی نگینہ سیٹ سے جیت حاصل کرکے سب کو چونکا دیا۔ یہ وہی چندر شیکھر راون ہیں جو 2022 کے اسمبلی الیکشن میں گھورکھپور سے یو گی آدتیہ ناتھ کے خلاف الیکشن لڑے تھے اور ان کی ضمانت ضبط ہو گئی تھی ۔اس الیکشن میں چندر شیکھر راون کو صرف ساڑھے چار ہزار ووٹ ملے تھے جبکہ سماج وادی پارٹی دوسرے نمبر پر تھی۔ نگینہ لوک سبھا سیٹ پر مسلم ووٹ فیصلہ کن ثابت ہوتا رہا ہے ۔نئی حلقہ بندی کے بعد یہاں کے تقریباً 16؍ لاکھ ووٹوں میں سے چھ لاکھ ووٹ مسلمانوں کے ہیں ۔ تین لاکھ ووٹ دلتوں کے بتائے جاتے ہیں۔ چندر شیکھر آزاد راون نے یہاں سے تقریباً ڈیڑھ لاکھ ووٹوں سے اپنی جیت درج کرائی ہے جو کہ اپنے آپ میں ایک رکارڈ ہے ۔
    تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اگر آج یو پی میں اسمبلی انتخابات ہو جائیں تو چندر شیکھر آزاد کی آزاد سماج پارٹی ( کانشی رام ) کو چار پانچ سیٹیں آسانی سے مل سکتی ہیں۔ چندر شیکھر کی غیر معمولی جیت نے کئی طرح کے سوالوں کو بھی جنم دیا ہے ۔ ایک خیال یہ بھی ہے کہ کیا بی جے پی پس پردہ چندر شیکھرآزاد کی پشت پناہی کر رہی ہے؟۔ اس خیال پیچھے کچھ دلائل ہیں۔ ماضی میں مایاوتی نے بی جے پی کی اور بی جے پی نے مایاوتی کی جس طرح مدد کی ہے اس کی بنیاد پر اس امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔ مایا وتی بی جے پی کی حمایت سے اپنی حکومت بھی بنا چکی ہیں۔لیکن اس وقت بہوجن سماج پارٹی کی حالت نہ گفتہ بہ ہے ۔ لوک سبھا الیکشن کے بعد بی ایس پی اپنے زوال کی سب سے نچلی سطح پر پہنچ گئی ہے ۔الیکشن میں بی ایس پی کو ایک بھی سیٹ نہیں ملی۔اسی طرح اسمبلی میں بھی بہوجن سماج پارٹی کی صرف ایک سیٹ باقی رہ گئی ہے۔ یو پی کی دلت سیاست میں زبردست خلا پیدا ہو گیا ہے۔ چندر شیکھر آزاد کی نئی تشکیل شدہ آزاد سماج پارٹی کے لیے اس وقت میدان بالکل خالی ہے ۔اس خلا کو پر کرنے کے لیے بی جے پی کوایسی دلت پارٹی کی ضرورت ہے جو اس کے ایجنڈے میں فٹ بیٹھ سکے۔ بی جے پی چندر شیکھرپراپنا داؤ لگا سکتی ہے ۔ چندر شیکھر نے بھی ابھی تک کوئی ٹھوس سیاسی حکمت عملی کا اعلان نہیں کیا ہے ۔ اب تک ان کی سیاسی سرگرمیاں ہنگاموں اور وقتی ایشوز پر ہی مرکوز رہی ہیں۔ ان کے سیاسی مقاصد کیا ہیں اور یہ کس طرح کے سیاسی نظر یے کے حامل ہیں ۔اس سوال کا حتمی جواب دینا قدرے مشکل ہے۔مستقبل میں ان کی سیاست کیا ہوگی۔ ان کا سیاسی ایجنڈا کیا ہے ۔ ان سوالوں کے جواب ابھی ملنا باقی ہیں ۔ لیکن چندر شیکھر آزاد کے حالیہ بیان نے بعض شک و شبہات کو جنم ضرور دیا ہے ۔لوک سبھا میں حلف برداری کے بعد ان کی تعارفی تقریر نے کئی سوال پیدا کر دئے ہیں ۔ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے جو مختصر تقریر کی، اس میں انہوں نے کہا : ’’سر ! بہت سے ممبران نے آپ کی تعریف کی ہے ۔ میں آپ سے پہلے مل چکا ہوں ۔جب میرے اوپر پریشانی آئی تھی تو آپ نے مجھے تحفظ ( سنرک چھن ) فراہم کیا تھا۔ہم نئی پارٹی ہیں۔ ہم آپ سے تحفظ کی اپیل کرتے ہیں۔ امید کرتا ہوں آپ میرا تحفظ کریں گے ۔ آپ جمہوریت کی طاقت ہیں ۔قدرت آپ کو جمہورت کی حفاظت کی طاقت عطا کرے۔ ‘‘
    اس مختصر سی تقریر نے لوک سبھا میں چندر شیکھر کی پارٹی لائن کو بہت حد تک واضح کر دیا ہے ۔چندر شیکھر کے ساتھ دلت ووٹ کتنا ہے اس کا تو ابھی اندازاہ ہی لگایا جا رہا ہے ۔لیکن اتنی بات تو واضح ہے کہ نگینہ کی جس سیٹ سے چندرشیکھر نے اپنی جیت درج کرائی ہے ۔اس سیٹ پر مسلمانوں کے ووٹ فیصلہ کن ہوتے ہیں۔ یو پی میں ہمیشہ سے ہی مسلمانوں نے دلت تحریکوں کا ساتھ دیا ہے ۔ 80 کی دہائی میں یو پی کے مسلمانوں نے کانشی رام کی پارٹی کو اپنے پیسے اور وسائل سے بھر پور مدد کی تھی اور بی ایس پی کو اس قابل بنایا تھا کہ بحیثیت ایک سیاسی پارٹی کے الیکشن میں مضبوطی کے ساتھ حصہ لے سکے ۔کانشی رام تو مسلمانوں کے اس گراں قدر تعاون کا کبھی کبھار اعتراف کربھی لیا کرتے تھے لیکن مایا وتی نے اس حقیقت کا اعتراف کبھی نہیں کیا۔ اس کے بر عکس انہوں نے وقتاً فوقتاًمسلمانوں پر بی ایس پی کو ہرانے اور الیکشن میں دھوکہ دینے کا الزام ضرور عائد کیا ہے ۔
    یو پی کا مسلمان ’’ خو د ساختہ سیاسی یتیمی ‘‘ کا شکار رہا ہے۔ یہاں کا مسلمان اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کے بجائے سیاسی بیساکھیوں کو تلاش کرتا ہے ۔اسے جس پارٹی سے امید کی کوئی کرن نظر آتی ہے اسی کو اپنا سیاسی سرپرست مان لیتا ہے۔ لوک سبھا الیکشن میں سماج وادی پارٹی اور کانگریس کو جو غیر معمولی کامیابی ملی ہے وہ مسلم ووٹوں کی مرہون منت ہے ۔ مسلمان نام نہاد سیکولر سیاسی پارٹیوں سے بار بار دھوکہ کھانے کے بعد بھی انہی پارٹیوں کو ووٹ دے کر اقتدار کی کرسیوں تک پہنچاتا رہا ہے۔ کانگریس، سماج وادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی سے بارہا دھوکہ کھانے کے بعد اگر چندر شیکھر راون پر اب اپنا اعتماد قائم کررہا ہے تو اس میں نہ کوئی تعجب کی بات ہے اور نہ ہی کوئی غیر معمولی سیاسی حکمت عملی کا نتیجہ ۔
    یو پی میں دلت مسلم اتحاد کی کوششیں اب تک بے سود ثابت ہوئی ہیں۔ دلتوں کے ساتھ اتحاد کی پہلی کوشش مسلمانوں نے ہی کی تھی۔ ساٹھ کی دہائی میں مسلم مجلس کے بانی ڈاکٹر عبد الجلیل فریدی نے دلت مسلم اتحادکی ضرورت کو پہلی بار محسوس کیا تھا ۔لیکن دلت لیڈروں نے مسلمانوں کے ساتھ اتحاد کو کبھی سنجیدگی سے نہیں لیا۔ دلت لیڈروں کی پوری کوشش اقتدار تک پہنچنے اور ریزور ویشن سے فائدہ اٹھانے کی تھی ۔مسلمانوں کے تعلق سے دلت لیڈروں کا رویہ با لعموم دیگر کسی سیاسی پارٹی مختلف نہیں ہو تا۔ یعنی مسلمانوں کو سیاسی حیثیت سے نمبر دو پر رکھا جائے۔ دلت لیڈروں کو اس بات سے بھی قطعی کوئی دلچسپی نہیں کہ ان کی طرح مسلمانوں کو بھی ریزر ویشن دیا جائے۔مسلم ریزر ویشن کے مسئلے پر دلت لیڈروں کی خاموشی اس حقیقت کی غماز ہے ۔اس کی روشن مثال یہ ہے کہ2004 میں لکھنؤ میں مسلم ریزرویشن موومنٹ کی بنیاد پڑی۔ معروف قانون داں اور بابری مسجد ایکشن کمیٹی کے کنوینر ظفر یاب جیلانی اس کے صدر بنائے گئے ۔ مسلم ریزرویشن موومنٹ میں یوپی کی سرکردہ مسلم شخصیات شامل تھیں ۔ ان میں شفیق الرحمان برق، ایڈوکیٹ عبد المنان ، محمد سلیمان ، ملک عظیم احمد خاں ،قمر یاب جیلانی اور جہانگیر عالم شامل تھے ۔ مسلم ریزرو ویشن موونٹ نے کئی برسوں تک اپنی مہم چلائی لیکن اس مہم کو ایک بھی قابل ذکر دلت لیڈر نے اپنی حمایت نہیں دی اور نہ ہی اس میں وہ شامل ہوے ۔حقیقت یہ ہے کہ دلت بھی دوسری پارٹیوں کی طرح مسلمانوں کو برابری کا سیاسی مقام دینے تیار نہیں ہیں ۔چندر شیکھر کی پارٹی اگر بی ایس پی کا متبادل بن جاتی ہے تو اس میں بھی مسلمانوں کی حیثیت ثانوی ہی ہوگی ۔یہ ایک تلخ حقیقت ہے جس سے صرف نظر نہیں کیا جا سکتا۔
    یہاں ضمناً ایک اور بات عرض کرتا چلوں کہ جب کسی مسلم قیادت والی پارٹی میں کوئی دلت لیڈر شمولیت اختیار کرتا ہے تو اس کا رویہ ایسا ہوتا ہے کہ گویا اس نے پوری مسلم قوم پر احسان کیا ہے۔ وہ ایک مخصوص احساس برتری کے ساتھ پارٹی میں شامل ہوتا ہے ۔اس کے رویے میں فرق صاف طور سے دیکھا اور محسوس کیا جا سکتا ہے۔ اس کا تجربہ ان مسلمانوں کو اچھی طرح ہوا ہوگا جنہوں نے دلت پارٹیوں یا دلت لیڈروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی کوشش کی ہوگی۔ دوسری جانب مسلمان دلت لیڈروں کو عزت کا وہ مقام دیتے ہیں جس تصور نام نہاد اعلیٰ ذات کے لیڈران سے نہیں کیا جا سکتا ۔چندر شیکھر آزاد راون نے اپنی سیاسی پارٹی آزاد سماج پارٹی کے ساتھ کانشی رام کا نام جوڑا ہے ۔وہ ا پنی تقریروں میں کانشی رام کے اصولوں پر چلنے کی بات بھی کہتے رہے ہیں ۔ڈاکٹر امبیڈکر کے بعد کانشی رام دلتوں کے سب سے بڑے لیڈر ہوئے ہیں۔انہوں نے کبھی منو واد سے سمجھوتا نہیں کیا ۔لیکن جون 1995 میں مایاوتی نے بی جے پی ساتھ مل کر حکومت بنائی اسی دن سے بہوجن سماج پارٹی کے زوال کی شروعات ہو گئی۔ کانشی رام کی موت کے بعد سے یو پی کی دلت سیاست ہندوتو کے نرغے میں رہی ہے ۔اگر چندر شیکھرآزاد کانشی رام کے اصولوں پر چلتے ہوئے دلتوں،مسلمانوں اور محروم طبقات کے حقوق کی جد وجہد کرتے ہیں تو پورا ملک نہ سہی یو پی میں کانشی رام کی سیاست کے وارث بن سکتے ہیں ۔رہی مسلمانوں کی بات تو وہ چندر شیکھر آزاد راون کی پارٹی سے بہت زیادہ امید نہ رکھیں تو بہتر ہے۔ اگرچندر شیکھر نے شروع میں ہی بی جے پی سے کوئی ساٹھ گانٹھ کر لی ہے تو یہ نئی پارٹی بہت دور تک نہیں جا سکتی ۔ جن سنگھ اور اس کے بعد بی جے پی کی یہ تاریخ رہی ہے کہ وہ کام نکالنے کے بعد اپنے اتحادیوں کو ختم کر دیتی ہے ۔ ماضی میں اس کی مثال جنتا پارٹی، جنتا دل، سمتا پارٹی اور حال کے دنوں میں شیو سینا، عآم آدمی پارٹی اور بیجو جنتا دل سے دی جا سکتی ہے۔

    •••

    مشتاق عامر

  • کشمیر:انجینئر رشید کی غیر متوقع کامیابی

    کشمیر:انجینئر رشید کی غیر متوقع کامیابی

    ہندوستان کے عام انتخابات میں اگر کوئی بڑا الٹ پھیر ہوا، تو وہ وادی کشمیر کے بارہمولہ—کپواڑہ کے حلقہ سے دہلی کے تہاڑ جیل میں پچھلے پانچ سالوں سے محبوس عبدالرشید شیخ المعروف انجینئر رشید کی کامیابی تھی، جس نے نہ صرف سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ بلکہ پیپلز کانفرنس کے سربراہ سجاد غنی لون کو بھی ہرایا، جن کے متعلق عام تھا کہ ان کو نئی دہلی کی پشت پناہی حاصل ہے۔
    پیشے سے انجینئر رشید سے میری ملاقات کالج کے دنوں سے ہے۔ پورے شمالی کشمیر میں 90کی دہائی کے اوائل تک دو ہی ڈگری کالج ،سوپور اور بارہمولہ قصبہ میں، واقع تھے۔ اس لیے گریز، کرنا، لولاب یعنی دور دراز علاقوں سے طالبعلم کالجوں میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے ان قصبوں کا رخ کرتے تھے۔
    رشید نے بھی لنگیٹ، ہندواڑہ سے اسکول کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد سوپور کالج میں داخلہ لیا تھا۔ جب میں کالج پہنچا، تو میرے اسکول کے تقریباً سبھی ساتھی میڈیکل یا انجینئرنگ کے شعبوں میں ایڈمیشن کی وجہ سے سرینگر یا ہندوستان کے دیگر شہروں میں منتقل ہو گئے تھے۔ چونکہ رشید ہاسٹل کے بجائے ہمارے ہی محلے میں اپنے رشتہ دار کے ہاں مقیم تھے، اس لیے کالج کا ساتھی ملنے کی وجہ سے میرا اکیلاپن جلد ہی دور ہو گیا۔
    وہ عبدالغنی لون کے نہ صرف سیاسی بلکہ ان کے، ان دنوں کے بائیں بازو کے نظریات کے بھی بہت معتقد تھے۔ سوپور میں چونکہ جماعت اسلامی نظریاتی طور پر حاوی تھی، اس لیے ان کا ساتھیوں کے ساتھ خاصا بحث و مباحثہ ہوتا تھا۔ مگر ان کی بحث و دلائل دینے کی لامتناہی قوت ان کے وسیع مطالعہ اور ضدی طبیعت کو ظاہر کرتی تھی۔
    خیر گریجویشن کے بعد میں صحافت کی تعلیم حاصل کرنے کی غرض سے دہلی آگیا۔ کشمیر میں عسکری تحریک شروع ہو گئی اور انتشار (Anarchy)کی صورت حال کی وجہ سے سبھی تعلقات منقطع ہوگئے۔ مجھے معلوم بھی نہیں تھا کہ گریجویشن کے بعد انہوں نے سرینگر میں پالی ٹیکنک کالج میں داخلہ لیا تھا۔
    ان دنوں سرینگر سے طاہر محی الدین کی ادارت میں ہفتہ وار چٹان خاصا مقبول اخبار تھا، جس کے اداریہ، تحقیقاتی رپورٹیں اور تجزیاتی کالم کشمیری صحافت کی جان ہوتے تھے۔ ان میں انجینئر رشید کے قلم سے نہایت ہی پرمغز تجزیاتی کالم شائع ہوتے تھے۔
    ہندوستان—پاکستان اور کشمیرکے معاملات میں ایک طرح سے حرف آخر اے جی نورانی بھی ان کالمز سے استفادہ کرتے تھے اور فرنٹ لائن اور دیگر تحقیقی مقالوں میں اس کا حوالہ بھی دیتے تھے۔ چونکہ ان کو اردو پڑھنے میں دقت ہوتی تھی لہذا وہ ممبئی سے جب دہلی آتے تھے، تو چٹان (جو ان کے پاس بذریعہ ڈاک آتا تھا) میں انجینئر رشید کے تجزیاتی کالمز مجھے ترجمہ کرنے کے لیے دیتے تھے یا کسی وقت اپنے سامنے ہی پڑھنے کو کہتے تھے، اور نوٹس لیتے تھے۔
    میرے ذہن میں تو کالج کے رشید کی شبہہ دھندلی ہو چکی تھی۔ مجھے معلوم نہیں تھا کہ انجینئر رشید کے نام سے وہی شخص چٹان کا کالم نگار ہے۔ ایک دہائی یا اس سے بھی زیادہ مدت کے بعد جب ایک روز میں سرینگر میں طاہر محی الدین سے ملنے چٹان کے دفتر گیا، تو انہوں نے کمرے میں موجود انجینئر رشید کا تعارف کرایا۔ تب معلوم ہوا کہ شیخ رشید ہی انجینئر رشید ہیں۔
    انجینئرنگ کی ڈگری لینے کے بعد وہ جموں کشمیر پروجکٹس کنسٹرکشن کارپوریشن (جے کے پی سی سی) میں سول انجینئر ہیں۔
    ان کی نوکری ملنے کا قصہ بھی کچھ کم دلچسپ نہیں تھا۔ کچھ عرصہ بیکار رہنے کے بعد ان کے علاقہ میں جے کے پی سی سی کسی نالے پر ایک چھوٹا سا پل بنا رہی تھی اور ان کو عارضی طور پر سپروائزر بنایا گیا تھا۔ ایک روز کسی عسکری تنظیم سے تعلق رکھنے والے بندوق بردار وں نے چند سیمنٹ کی بوریاں ان کے حوالے کرنا کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے ان کو مہینے کے آخری دن آنے کے لیے کہا، تاکہ جب ان کو مشاہرہ ملے گا، تو وہ سیمنٹ کی بوریوں کے بدلے ان کو نقد میں ادائیگی کرےگا۔
    وہ پہلے سمجھے یہ کوئی دیوانہ ہے۔ مگرجب انہوں نے ان کو سنجیدگی کے ساتھ کہا کہ وہ امانت میں خیانت کا مرتکب نہیں ہوسکتے ہیں، کیونکہ سیمنٹ کی یہ بوریاں حکومت کی اور عوام کی ہیں، تو انہوں نے رشید کو اغوا کیا اور پھر کئی روز بعد کسی نالے کے کنارے ہی ان کو نیم مردہ حالت میں چھوڑ دیا تھا۔
    انجینئر رشید کے بازو اور ٹانگوں کی ہڈیاں ٹوٹی ہوئی تھیں۔ اس دوران سپروائزر کی عدم موجودگی کی وجہ سے پل پر کام رک گیا، جس کی شکایت سرینگر میں جے کے پی سی سی کے مینیجنگ ڈائریکٹر کے پاس پہنچی۔ جب اس کو معلوم ہو اکہ کسی عارضی سپروائزر نے سرکاری سیمنٹ کی بوریوں کی خاطر اپنی ہڈیاں تڑوائی ہیں، تو اس کے ضمیر نے اس کو سیدھا اسپتال پہنچا دیا۔
    جہاں اس نے پہلے تو اس واقعہ کی تصدیق کی،پھر رشید کو کہا کہ ٹھیک ہونے کے بعد اس کے دفتر میں آکر اپنی سرٹیفیکٹ وغیرہ جمع کرواکے تقرری کا پروانہ لے کرجائے۔ ان کو ٹھیک ہونے میں چھ ماہ لگ گئے۔
    اسی دوران 2008 میں امرناتھ زمین قضیہ کو لے کر کشمیر میں محشر برپا ہوگیا ۔ اس کے فوراً بعد دسمبر میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد کا اعلان ہو گیا۔ سجاد غنی لون، جو پہلے ان انتخابات کو لڑنے کے لیے پر تول رہے تھے، نے بعد میں حریت کا ساتھ دے کر انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔ انجینئر لنگیٹ سے انتخابات لڑنے کا من بنا چکے تھے۔ سجاد نے ان کو باز رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ مگر ان کا کہنا تھا کہ اس علاقہ میں سیکورٹی فورسزاور سرکاری بندوق برداروں نے ان کا ناطقہ بند کرکے رکھا ہوا ہے۔الیکشن میں حصہ لینے سے ان کو سرکاری تحفظ کے علاوہ سرینگر میں رہائش ملے گی۔جب انہوں نے اسمبلی الیکشن لڑنے کے لیے اپنی نوکری چھوڑی تو ان کے پاس انتخابی مہم کے لیے صرف 17 دن باقی تھے۔ اس حلقہ سے انتہائی زیرک سیاسی لیڈران، پی ڈی پی کے محمد سلطان پنڈت پوری اور نیشنل کانفرنس کے شریف الدین شارق انتخاب لڑ رہے تھے۔
    سال 2005 میں، رشید کو اسپیشل آپریشن گروپ نے عسکریت پسندوں کی حمایت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا اور اس کے بعد تین ماہ اور 17 دن کے لیے جیل بھیج دیا۔انہیں کارگو، ہمہامہ اور راج باغ کے تفتیشی مراکز میں بہت زیادہ اذیتیں دی گئی تھیں۔بعد ازاں مجسٹریٹ نے ان کے خلاف تمام الزامات کو خارج کر دیا۔اس کے بعد سرکاری بندوق برداروں کے ایک گروپ نے ان کوحراست میں لیا اور پانچ ماہ کے بعد تاوان ادا کرنے کے بعد رہا کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے لیے ان کے والد کو کو گائے، بکری اور جائیداد بیچنی پڑی۔
    جب انتخابات کے نتیجے آئے، تو انجینئر رشید نے سلطان پنڈت پوری کو 211 ووٹوں سے پچھاڑ دیاتھا۔ شارق تو تیسرے نمبر پر کافی پیچھے تھے۔ میرا خیا ل تھا کہ یہ ایک بار کی چمک تھی، بار بار کاٹھ کی ہنڈیاں تو نہیں چڑھتی ہیں۔ مگر اس دوران انہوں نے سیاست کو خاصا سنجیدگی سے لے کر علاقے میں نوجوانوں کا ایک نیٹ ورک بنالیا۔
    اس علاقے کا سب سے بڑا مسئلہ فوج کی طرف سے باشندوں کو جبری بیگار کرانا تھا۔ ا س کے خلاف 1990ء سے 2003ء انہوں نے کئی بار قانونی جنگ لڑنے کی کوشش کی تھی۔ خود ان کے مطابق لنگیٹ کے ہر گاؤں سے چار سے آٹھ افراد پر مشتمل مختلف قافلے صبح سویرے تین بجے ہی ہاتھوں میں لالٹین لے کر 18 کلو میٹر لمبی سڑک پر اپنے اپنے گاؤں کے مقررہ مقام پر جمع ہوجاتے تھے۔اس قافلے کا انتخاب بدنصیب گاؤں والے یوں کیا کرتے تھے کہ گاؤں کے ایک سرے سے شروع کرکے ہر گھر سے ایک فرد کو اپنی باری پر حاضر ہوناپڑتاتھا۔ گاؤں جس قدر بڑا یا چھوٹا ہو تا تھا اسی قدر دیہی باشندوں کی باری جلد یا بدیر آیا کرتی تھی۔اس کا نام ‘کانوائے ڈیوٹی’رکھا گیا تھا۔
    پروگرام کے مطابق رات یا صبح کے تین بجے پہلے سے مقررہ مختلف مقامات پر سڑک کے کنارے لگ بھگ 200 افراد ایک ہاتھ میں لمبا ڈنڈا اور دوسرے ہاتھ میں لالٹین لے کر فوجی پارٹی کا انتظار کرتے تھے۔ جوں ہی فوجی پارٹیاں مرٹ گام، قلم آباد، ھرل،کوٹلری، چھوٹی پورہ اور لنگیٹ کے کیمپوں سے متعلقہ گاؤں کی ٹولی کے نزدیک لگ بھگ 300 فٹ کی دوری پر محوسفر ہوتی تھیں تو قافلے کو کوئی فوجی جوان زور سے حکم دیتا تھاکہ وہ بندروں کی طرح ہوا میں کئی چھلانگیں ماریں تاکہ وردی پوشوں کو یہ اطمینان حاصل رہے کہ قافلہ ’کانوائے ڈیوٹی‘ دینے والوں کا گروپ ہے اور یہ کہ ان کے پاس کوئی ہتھیار وغیرہ نہیں ہے۔
    چند چھلانگیں مارنے کے بعد جب فوجی جوان مطمئن ہوتے تھے کہ اچھل کود کرنے والے گاؤں والے ہیں، تو ان کو فوجی پارٹی کے آگے آگے جان ہتھیلی پر لے کر چلنے کا حکم دیا جاتا تھا۔ سڑک کے دونوں طرف گندی نالی ہو یا کوئی کھیت کھلیان، جنگل ہو یا قبرستان، باریک بینی سے اس بات کا پتہ لگانا پڑتا تھا کہ کہیں جنگجوؤں نے بارودی سرنگ تو نہیں بچھا رکھی ہے۔
    یہ سلسلہ لگ بھگ 20 دیہی بستی سے ہوتا ہوا علاقے کے آخری گاؤں تک جاملتا تھا۔ لگ بھگ صبح 9بجے تک ہر گاؤں کے عارضی فوجی پوسٹ پر فوجی جمعیت پہنچ جاتی تھی۔ اس کے بعد اگر متعلقہ ذمہ دارفوجی افسر کا موڈ ٹھیک ہوتا اور گرد ونوا ح میں جنگجوؤں کی موجودگی کا خطرہ بھی نہ ہوتا تو بیگار پر گئے بدنصیب دیہاتیوں کو صبح کا ناشتہ کرنے کے لیے لگ بھگ آدھے گھنٹے کے لیے گھر جانے کی اجازت ملتی تھی، اس کے بعد متعلقہ کیمپ میں جاکر اپنے اپنے شناختی کارڈ جمع کروانے ہوتے تھے۔
    وہاں کوئی حوالداران کو مختلف ٹکریوں میں بانٹ کر مختلف کام انجام دینے کے لیے متعین کردیتا۔ شامت تب آتی تھی جب کبھی سرینگر سے نوگام کی کانوائی راستے میں کسی حادثے یا جنگجوؤں کے حملے کی وجہ سے رات کے دویا تین بجے تک بھی نمودار نہ ہوجاتی تھی اور ان کا انتظار کر رہے یہ دیہاتی اللہ سے جنت مانگتے تھے اور نہ جہنم سے خلاصی بلکہ انہیں یہ فکر لاحق ہوتی تھی کہ کسی طرح کانوائےصحیح سلامت اپنی منزل مقصود کوپہنچ جائے۔پھر اگر بانہال سے لے کر ہندوارہ تک کسی جگہ کانوائے کے اوپر کوئی معمولی سا بھی پتھر پھینکا جاتا تھا تو نزلہ ان پر گرایا جاتا تھا۔
    قانون ساز اسمبلی کا ممبر بننے کے بعد اپنی اسی ضدی طبیعت کی وجہ سے جب انجینئر نے روز ہی پر امن طور پر فوجی کیمپ کے باہر دھرنے دینے شروع کیے اور کبھی سرینگر میں، تو کبھی بارہمولہ میں اور اس جبری مزدوری کی کہانیاں میڈیا میں بھی چھپنے لگیں، تو اس کو موقوف کرادیاگیا۔ یہ اس علاقے کے مکینوں کے لیے ایک بڑی راحت تھی۔کپواڑہ یا دیگر کسی بھی علاقے کا کوئی بھی اسمبلی ممبر اس قدر رعایت اپنے ووٹروں کو دینے میں ناکام تھا۔
    اس میں کامیابی کے بعد رشید نے اپنی توجہ علاقے میں بدعنوانی ختم کرنے پرمبذول کی ۔لوگوں کو تاکید کی گی تھی، کہ جب بھی کوئی سرکاری اہلکار پیسے کے بدلے کام کرنے پر اصرار کرے، تو فوراً انجینئرکو فون پر مطلع کرے۔ اس کے لیے اس نے باضابطہ ایک گروپ بنایا تھا۔ منفرد انداز کے حامل، اکثر وہ اپنے حلقے کے دور دراز دیہاتوں کا سفر کرتے تھے۔انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف وہ احتجاج کی قیادت کرتے تھے۔ تعمیراتی کاموں کے مقامات کا دورہ کرکے ان کو مکمل کرنے تک انتظامیہ کو پاؤں پر کھڑا رکھتے۔
    عوامی نمائندے کے عہدے کو انہوں نے ایک نئی تعریف دی۔ اس لیے 2010 اور پھر 2016 میں کشمیر میں ایک بار پھر انتفادہ برپا تھا۔ لنگیٹ ایک پر امن جزیرہ کی مانند تھا، جہاں رشید کی ہی قیادت میں لوگوں نے یکجہتی کے لیے جلسے جلوس تو نکالے، مگر علاقہ پر امن رہا۔اس کا کریڈیٹ سیکورٹی فورسز اور حکومت دونوں رشید کو دیتی تھیں۔ شاید کم ہی افراد کو معلوم ہوگا کہ 2012 میں جب دہلی میں عام آدمی پارٹی کی بنیاد ڈالی گئی، تو اس کے کئی لیڈران نے اس کا خاکہ رشید کے حلقہ لنگیٹ پر تیارہی کیا تھا۔
    مجھے یاد ہے کہ دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا اور سومناتھ بھارتی نے رشید کے سیاسی ماڈل کو سمجھنے کے لیے متعدد بار کئی دنوں تک لنگیٹ کے دیہاتوں کا دورہ کیا۔اسی کارکردگی کی وجہ سے وہ دوبارہ 2014 میں اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے۔
    خیر اس بار شمالی کشمیر کے 18 اسمبلی حلقوں میں سے 14 میں انجینئر نے واضح برتری حاصل کی ہے، اس لیے اب تمام نگاہیں اسی سال ہونے والے اسمبلی انتخابات پر ہیں۔ نئی حد بندی کی وجہ سے اب جموں و کشمیر اسمبلی میں کل نشستوں کی تعداد 90ہے۔
    عمر اور سجاد کے برعکس، جیل میں بند انجینئر کے بیٹے 23 سالہ ابرار رشید نے ایک مختصر مہم کی قیادت کی۔ ان کی ایک سادہ سی التجا تھی کہ اگر آپ میرے والد کو ووٹ دے سکتے ہیں جو دو بار اسمبلی میں عوام کی نمائندگی کر چکے ہیں تو وہ جیل سے باہر آسکتے ہیں۔ انتخابی مہم کے لیے لوگوں نے رضاکارانہ طور پر اپنے خرچ کے ذریعے ہر چیز کا انتظام کیا۔ جہاں آجکل کروڑوں روپے انتخابی مہم پر خرچ ہوتے ہیں، ان کی پارٹی کے افراد کا کہنا ہے کہ انہوں نے پوری مہم پر صرف 27 ہزار روپے خرچ کیے، جس سے ایک گاڑی کا پٹرول خریدا گیا۔باقی اخراجات لوگوں نے خود اٹھائے۔ اس انتخاب کو لے کرآنجہانی جارج فرنانڈیز یاد آتے ہیں۔ بطور ٹریڈ یونین لیڈر اپنے پہلے انتخاب میں انہوں نے 1967 میں ممبئی میں بس دس ہزارروپے کے فنڈسے کانگریس کے ایک قد آور لیڈر ایس کے پاٹل کر ہرایاتھا۔
    تمام جماعتیں انجینئر کو بھول چکی تھیں۔ ان کی گرفتار ی کے خلاف کوئی آواز ہی نہیں اٹھاتا تھا۔ قومی تفتیشی ایجنسی یعنی این آئی کے مطابق رشید کو منی لانڈرنگ کے کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔ مگر پانچ سالوں سے کیس کا ٹرائل ہی نہیں ہو رہاہے۔
    ویسے پارلیمانی نظام تو جنوبی ایشیاء نے اپنایا ہے، مگر امیدوار انتخابات لڑنے کے لیے خرچہ کہاں سے لائیں گے، اس پر کسی نے غور نہیں کیا ہے۔ سیاسی پارٹیوں کو کارپوریٹ ادارے پیسہ دیتے ہیں۔ اسی طرح ان کو بھی انتحابی مہم کے لیے ایک کاروباری شخصیت نے چندہ دیا تھا اور انہوں نے دوسری جماعتوں کو بھی پیسہ دیا تھا،لیکن اب اس چندہ کی وجہ سے وہ معتوب ہو گئے ہیں۔ان انتخابات نے کم سے کم انجینئر کو دوبارہ زندہ کرکے کشمیر بھر میں ایک مقبول سیاست دان بنا دیا ہے۔
    سال 1971میں کشمیریوں نے اسی طرح سرینگر حلقہ سے صحافی و ادیب شمیم احمد شمیم کی حمایت کی تھی۔ جنہوں نے اس وقت کے سابق وزیر اعظم بخشی غلام محمد کو پاش پاش کرکے ایک تاریخ رقم کی تھی۔ مگر رشید کے برعکس وہ اس حلقہ پر اپنا عکس برقرار نہیں رکھ سکے۔ وہ جیت کے لیے بھی شیخ عبداللہ کے مرہون منت تھے۔ گو کہ پارلیامنٹ کے اندر ان کی کارکردگی سنہری حروف سے لکھنے جانے کے قابل ہے، مگر وہ عوامی مقبولیت حاصل نہیں کرسکے۔
    کشمیر کے آخری تاجدار یوسف شاہ چک کو جب مغل حکمرانوں نے پانچ صدی قبل قید اور بعد میں بسواک (بہار) جلاوطن کردیا تھا ،محکوم و مجبورکشمیری قوم تب سے ہی کسی ایسی ہستی کی تلاش میں ہے، جو ان کو بیدردی ایًام سے نجات دلاسکے۔ کشمیر کی آخری ملکہ حبہ خاتون (زون) کی دلدوز شاعری، جس میں دہلی کے حکمرانوں کی بد عہدی اور اپنے محبوب (یوسف شاہ) کی مصیبتوں کی داستان درج ہے، کشمیری لوک ریت کا ایک جزو ہے۔اس مدت کے دوران اس مقہور قوم نے کئی ہستیوں کو سر آنکھوں پر بٹھایا، مگر کچھ عرصہ کے بعد ان کو تاریخ کے کوڑے دان میں پھینک دیا۔ غالب کا یہ شعر اس قوم پر بالکل فٹ بیٹھتا ہے؛
    چلتا ہوں تھوڑی دور ہر اک تیزرو کے ساتھ
    پہچانتا نہیں ہوں ابھی راہ بر کو میں
    سال 1930ء کی دہائی میں شیخ عبداللہ نے جب سرکاری ملازمت سے استعفیٰ دے کر ڈوگرہ حکومت کے خلاف علم بغاوت بلند کیا تو کشمیر قوم نے ان کو سر آنکھوں پر بٹھایا۔کئی سال قبل جب کشمیر کے ایک معروف بیورکریٹ شاہ فیصل نے نوکری سے استعفیٰ دے کر سیاست کی پرخار وادی میں قدم رکھا۔تو ان کوبھی سر پر بٹھایا گیا، مگر وہ جلد ہی اس راہ سے فرار ہوگئے۔
    اس پیچیدہ سیاسی صورت حال میں انجینئر کی اس جیت نے جہاں امیدیں جگائی ہیں، وہیں اندیشے بھی پیدا کیے ہیں۔اگر وہ ایسی تبدیلی لاسکیں، جہاں صاف و شفاف انتظامیہ کے علاوہ وہ نظریات سے بالاتر سبھی جماعتوں کو ایک متوازن سیاسی اور جمہوری فضا میسر کرواپائیں، توان کا آنا مبارک ہے۔ مگر یہ بھی یاد رہے کہ کشمیر عزت و وقار کا ایک قبرستان بھی ہے۔ شیر کشمیر کہلانے والے قد آور لیڈر کا حال یہ ہے کہ کشمیر یونیورسٹی کے نسیم باغ کیمپس کے بالمقابل ان کی آخری آرام گاہ پر سکیورٹی دستوں کا سخت پہرہ لگا ہوا ہے، تاآنکہ کوئی سرپھرا ہجوم اس کو نقصان پہنچا کر بے حرمتی کا مرتکب نہ ہو۔
    ان حالات میں کیا انجینئر رشید کشمیری قوم کی کشتی کو بھنور سے نکالنے کی سعی کر پائیں گے یا شیخ عبد اللہ کی طرح اس کو مزید تند لہروں کے حوالے کردیں گے؟ عوامی جلسوں میں شیخ عبداللہ لحن داؤدی میں اکثر اقبال کی مشہور نظم کے دو بند؛
    اے طائر لاہوتی اس رزق سے موت اچھی
    جس رزق سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی
    پڑھ کر عوام پر وجد طاری کرتے تھے۔کیا انجینئر رشید ا قبال کے اس شعر کی عملی تفسیر بن کر اس خطے کو اْس منجھدار سے نکالنے کی کوشش کریں گے جس میں عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے پھنسے ہوئے ہیں۔ اگر وہ ایسا کرسکے تو نہ صرف بدنصیب کشمیری قوم، بلکہ پورا جنوبی ایشیا ان کا ممنون رہے گا۔
    کشمیر میں عوام کا پچھلے انتخابات کے برعکس اس بار بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کو ایک تاریخی واقعہ کے بطور پیش کیا جا رہا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ انتخابات میں ٹرن آؤٹ جمہوریت پر اعتماد کا اظہار ہے کیونکہ لوگوں نے بغیر کسی خوف کے اپنے آئینی حق کا استعمال کیا۔
    سوال ہے کہ کیا جمہوری عمل صرف ووٹنگ میں حصہ لینا ہی ہے۔ ووٹنگ کے بعد اصل جمہوریت کا امتحان ہوتا ہے۔ امید ہے کہ ووٹنگ میں حصہ لینے کے بعد اور جمہوری عمل کا حصہ بننے کے بعد عوام کو اس کے بدلے جمہوری مراعات دے کر قد غنیں لگائی جائیں گی اور تھوڑا سا آکسیجن فراہم کرایا جائے گا۔یہ وقت ہی بتاپائے گا کہ کیا واقعی جمہوری عمل کا آغاز ہو چکا ہے۔ ابھی فی الحال انجینئر رشید کو دیگر قیدیوں کی طرح رہائی کا انتظار ہے۔

    •••

    افتخار گیلانی

  • مغربی بنگال کے مسلمان سیاسی بے وقعتی کا شکار

    مغربی بنگال کے مسلمان سیاسی بے وقعتی کا شکار

    بی جے پی لوک سبھا انتخابات میں 2019جیسی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ۔دعوے تو کافی بڑے تھے کہ بنگال میں 35سیٹوں پر اس کی جیت یقینی ہے تاہم بنگالی مسلمانوں کی سیاسی سوجھ بوجھ کی وجہ سے محض 12سیٹوں پر ہی سمٹ کر رہ گئی۔ یہاں تک کہ 2021کے اسمبلی انتخابات میں ترنمول کانگریس کےلیے انتخابی حکمت عملی بنانے والے پرشانت کشور بھی تسلسل کے ساتھ ممتا بنرجی کی بڑی شکست کی پیشین گوئی کررہے تھے۔دراصل گزشتہ چار برسوں میں اساتذہ تقرری گھوٹالہ،میونسپلٹی گھوٹالہ، راشن گھوٹالہ، کوئلہ اسمگلنگ گھوٹالہ سمیت کئی اور گھوٹالے سامنے آئے جس میں براہ راست ترنمول کانگریس کے لیڈران مبینہ طورپر ملوث رہے ہیں ۔اساتذہ تقرری گھوٹالہ کی وجہ لاکھوں طلبہ اور نوجوانوں کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔ایک دہائی سے زائد عرصے سے اسکولوں میں تقرری نہیں ہورہی ہے۔ظاہر ہے کہ ان گھوٹالوں کی وجہ سے عوامی ناراضگی فطری بات تھی اس لئے یہ قیاس آرائی کی جارہی تھی کہ یہ ناراضگی نتیجہ خیز ہوسکتی ہے۔ مگر بی جے پی کومایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔جب کہ انتخابات سے عین قبل شہریت ترمیمی ایکٹ کے نفاذ، مودی اور امت شاہ کی فرقہ وارانہ تقاریر سے ماحول سازی کی بھر پور کوشش کی گئی ۔
    بی جے پی کی ناکامی اور ترنمول کانگریس کی شاندار جیت کے پیچھے ریاست کے 27فیصد مسلم اور دلت بالخصوص راج بنشی ووٹروں کا اہم کردار رہا ہے۔انتخابی نتائج کو گرچہ ایک مہینے ہوچکے ہیں مگر بنگال میں بی جے پی کی ناکامی کی وجوہات خود بی جے پی کو بھی سمجھ میں نہیں آرہی ہے اور وہ اندرونی اختلافات کی شکار ہے۔ترنمول کانگریس کی شاندار جیت کے پیچھے ممتا بنرجی کی فلاحی اسکیموں کا اہم رول رہا ہے ۔2021کے اسمبلی انتخابات میں کامیابی کے بعد ممتا بنرجی نے لکشمی بھنڈار اسکیم شروعات کی تھی۔اس کے تحت عام خواتین کو ماہانہ 500روپے اور ایس سی اور ایس ٹی قبائلی خواتین کو 1000روپے دینے کا فیصلہ کیا ۔ اس سال اپریل سے اس رقم میں اضافہ ہوکر عام خواتین کےلیے 1000روپے اور ایس سی و ایس ٹی خواتین کےلیے 1250روپے کردیا گیا ۔اس اسکیم کی وجہ سے خواتین ووٹر مضبوطی کے ساتھ ممتا بنرجی کے ساتھ کھڑی رہیں۔لوک نیتی-سی ایس ڈی ایس پوسٹ پول سروے کے مطابق ترنمول کانگریس کے ووٹ میں 10فیصد کا اضافہ ہوا اور اس میں خواتین ووٹر کا اہم کردار رہا ہے۔جب کہ سندیش کھالی کے نام پر نہ صرف خواتین کوبھڑکانے کی کوشش کی گئی بلکہ فرقہ وارانہ ماحول سازی کی بھی کوشش کی گئی۔مگر مسلم ووٹروں کی پولرائزنگ راج بنشی اور دلت و قبائلی ووٹروں تک ممتا بنرجی کی رسائی کی وجہ سے بی جے پی کی تدابیر دھری کی دھری رہ گئیں۔بنگال میں اگر بی جے پی نے 12سیٹیں جیتی ہے تو اس کی وجہ ممتا بنرجی کا تکبرانہ مزاج اور کانگریس کی ریاستی قائدین کی ضد ہے۔اگر ان دونوں جماعتوں کے درمیان اتحاد ہوجاتا تو مالدہ شمال، رائے گنج، بالور گھاٹ میں بی جے پی کی شکست یقینی تھی ۔
    تاہم شمالی بنگال بالخصوص مالدہ کی دونوں سیٹیں اور رائے گنج جہاں مسلم ووٹر 45فیصد سے زائد ہیں، میں بڑی تعداد میں مسلم ووٹر نے کانگریس کو ووٹ دیا۔مالدہ شمال اور رائے گنج میں بی جے پی کی جیت کے فرق سے کہیں زیادہ کانگریس کے امیدواروں نے ووٹ لیا۔تملوک اور کانتھی لوک سبھا سیٹوں کو چھوڑ کر، مغربی بنگال کی حکمران جماعت نے جنوبی بنگال کی مسلم اکثریتی سیٹوں پر کامیابی حاصل کی، جہاں اقلیتوں نے بی جے پی کی پیش قدمی کو روکنے کے لیے ٹی ایم سی کو ووٹ دیا۔تاہم شمالی 24پرگنہ اور جنوبی24پرگنہ میں آئی ایس ایف (عباس صدیقی) نے کانگریس اور بائیں محاذ کے امیدواروں سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔بشیر ہاٹ ، جے نگر اور متھرا پور یہ وہ سیٹیں ہیں جہاں مسلم ووٹ کی شرح 35سے 45فیصد کے درمیان ہے۔جے نگر اور متھرا پور کی سیٹ ریزرو ہے اس کے باوجود آئی ایس ایف کا اتنے بڑے پیمانے پر ووٹ حاصل کرنا مستقبل میں ترنمول کانگریس کےلیے بڑے خطرے کی گھنٹی ہے۔
    لوک نیتی-سی ایس ڈی ایس پوسٹ پول سروے کے مطابق2021 کے انتخابات میں انہوں نے 75فیصد مسلم ووٹ حاصل کیا۔ تاہم مسلمانوں کی مضبوط حمایت کے باوجود میونسپل، پنچایتی ،ضمنی انتخابات اور لوک سبھا انتخابات میں ترنمو ل کانگریس نے مسلمانوں کی آبادی کے لحاظ سے امیدوار نہیں بنایا۔مالدہ شمال اور رائے گنج جہاں مسلم ووٹرس کی آبادی 45فیصد سے زائد ہے لیکن اس کے باوجود یہاں سے مسلم امیدواروں کو ٹکٹ نہیں دیا۔اب چوں کہ انتخابات ختم ہوچکے ہیں ایسے میں سوال یہ ہے کہ ممتا بنرجی کو یک طرفہ ووٹ دینے والے بنگال کے مسلمان سماجی، اقتصادی اور معاشی اعتبار سے کہاں کھڑے ہیں ۔یہ سوال اس لئے بھی اہم ہوگیا ہے کہ انتخابی موسم کے درمیان ہی کلکتہ ہائی کورٹ کے ایک فیصلے نے پسماندگی کے شکار مسلمانوں کو ریزرویشن کے جو فائدے مل رہے تھے ،سے بھی محروم کردیا۔ممتا بنرجی سپریم کورٹ میں اس سرعت کا مظاہرہ نہیں کررہی ہیں جو ہائی کورٹ کے ذریعہ 26ہزار اساتذہ کی تقرری منسوخ کرنے کے فیصلے کے خلاف کیا تھا۔اگر اوبی سی ریزرویشن پر جلد فیصلہ نہیں آتا ہے کہ ریزرویشن کا فائدہ حاصل کرکے تعلیمی اداروں میں داخلہ حاصل کرنے والے مسلم طلبہ کو بہت ہی مایوسی کا سامنا کرنے پڑے گااور ریاست کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں مسلم طلبہ کی نمائندگی جو پہلے ہی مایوس کن تھی وہ افسوس ناک حد تک کم ہوجائے گی۔سرکاری ملازمت میں تقرری پہلے ہی روکی ہوئی اور عدالتی کارروائی کی وجہ سے معلق ہے ۔
    مغربی بنگال میں گزشتہ 12سالوں سے برسراقتدار ترنمول کانگریس کی حکومت کے دور میں مسلم کمیونٹی کی سماجی و اقتصادی ، تعلیمی ترقی کی رفتاراور نمائندگی کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ مغربی بنگال حکومت کی کابینہ اور قانون ساز اسمبلی میں مسلمانوں کی نمائندگی کتنی ہے؟۔ 2011 میں ترنمو ل کانگریس کی جیت کے بعد کابینہ میں مسلم ارکان کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ لیکن اس کے بعد کے انتخابات میں اس میں مسلسل گراوٹ آئی ۔2021میں تیسری مرتبہ اقتدار میں آنے کے بعد کابینہ میں مسلم نمائندگی کم ہوگئی۔معاشی اعتبار سے بنگال کے مسلمانوں کی اچھی حالت نہیں ہے۔قومی اوسط کے مقابلے مغربی بنگال میں مسلمانوں کے لیے روزگار کے مواقع میں تفاوت ہے۔ لیبر فورس سروے 2018-2019کی مطابق قومی سطح پر22فیصد مسلمان مستقل تنخواہ والی ملازمت کرتے ہیں جب کہ بنگال میں صرف 13فیصد مسلمانوں کے پاس مستقل ملازمت ہے۔قومی سطح پر غیر مستقل کاموں سے وابستہ مسلمانوں کی تعداد 26فیصد ہے جب کہ بنگال میں 34فیصد مسلمان غیر منظم سیکٹر سے وابستہ ہیں۔ سروے بتاتا ہے کہ مغربی بنگال میں تنخواہ دار مسلم کارکنان بھی ملک کے دیگر حصوں کے مقابلے اوسطاً کم کماتے ہیں، ان کی تنخواہ میں تقریباً 3,500روپے کا فرق ہے۔اس کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ بنگال میں یومیہ مزدوری 300سے400روپے کے درمیان ہے جبکہ کیرلہ ، تمل ناڈو اور کرناٹک میں 700روپے ہیں ۔اس لئے ملک بیشتر ریاستوں میں بنگالی مزدوروں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔
    کچھ سروے اس سے بھی زیادہ سنگین صورت حال کی نشان دہی کرتے ہیں۔ SNAP، گائیڈنس گلڈ، اور پرتیچی ٹرسٹ کی طرف سے کیے گئے ایک مطالعہ سے پتہ چلتا ہے کہ دیہی بنگال میں تقریباً 80فیصد مسلم گھرانے صرف پانچ ہزارروپے ماہانہ کماتے ہیں، جو کہ پانچ افراد کے خاندان کی غربت کی سطح کی آمدنی کے بہت قریب ہے۔ یہ تشویشناک ہے کہ یہاں کے 38.3فیصد مسلم گھرانے 2500یا اس سے کم کماتے ہیں، جو غربت کی سطح کا محض نصف ہے۔ صرف 3.4فیصد مسلم گھرانے 15,000روپے یا اس سے زیادہ ماہانہ کماتے ہیں۔ مغربی بنگال کے مسلمان اوسط ہندوستانی مسلمان کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ غیر محفوظ ہیں۔مرشد آباد، مالدہ اور اتر دیناج پور کے اضلاع، جہاں مسلمانوں کی اکثریت ہے، مغربی بنگال کے سب سے پسماندہ علاقوں میں سے ہیں۔ نیشنل فیملی ہیلتھ سروے -5 (2019-21) سے ملٹی ڈائی مینشنل پاورٹی انڈیکس (MPI) کے مطابق، ان اضلاع میں غربت کی شرح بالترتیب16.55فیصد ،15.75فیصد اور 21.65فیصد ہے۔جبکہ ریاست کی اوسط 11.89فیصد ہے۔ یہ تین اضلاح ریاست کی آبادی کا تقریباً 15فیصد ہونے کے باوجود ان اضلاع میں صرف 3فیصد سرکاری میڈیکل کالج ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ ان علاقوں میں موجودہ میڈیکل کالجوں کو ریاست کے دوسرے حصوں کے مقابلے میں تقریباً تین گنا زیادہ مریضوں کی خدمت کرنی پڑتی ہے۔ یہ صحت کی دیکھ بھال اور وسائل تک رسائی میں نمایاں تفاوت کو نمایاں کرتا ہے، جو ان اضلاع میں جاری سماجی اقتصادی چیلنجوں کو واضح کرتا ہے۔
    مغربی بنگال میں مسلمانوں کے لیے تعلیمی حصول میں تفاوت اعلیٰ تعلیم تک وسیع ہے۔ ریاست کی آبادی کا 27فیصد ہونے کے باوجود، اعلیٰ تعلیم میں مسلمانوں کا تناسب صرف 12فیصد ہے۔مرکزی وزارت تعلیم کی سالانہ رپورٹ AISHE2021-22 کے مطابق مغربی بنگال میں مسلمانوں کی تعلیمی صورت حال عدام توازن کا شکار ہے۔مثال کے طور پرجادوپور یونیورسٹی میں 2015-16 کے تعلیمی سال کے دوران، کل8 ,320طلبہ ء کے اندراج میں سے صرف 50 (0.6) فیصد مسلم طلبہ کا اندراج ہوا۔ اسی طرح انڈین اسٹیٹسٹیکل انسٹی ٹیوٹ (آئی ایس آئی) جو کہ مرکزی حکومت کی مالی اعانت سے چلنے والا ادارہ ہے نے اس مدت میں 740 میں سے محض آٹھ(08.1)مسلم طلبہ کا داخلہ ہوا۔سالانہ رپورٹ AISHE2021-22کی رپورٹ کے مطابق رابندر بھارتی یونیورسٹی میں 2015-16 میں46,522طلبہ کے اندراج کے ساتھ، صرف2 .34فیصد مسلم طلبہ تھے، جبکہ سلی گوڑی کی یونیورسٹی آف نارتھ بنگال میں 2.6فیصدمسلم طلبہ تھے۔مزید یہ کہ اسی رپورٹ کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ کالج کے اساتذہ میں مسلمانوں کی نمایاں کمی ہے۔ 2012-13 میں کالج کے اساتذہ میں سے صرف3 .12فیصدمسلمان تھے جو کہ 2018-19 میں بڑھ کر7 .8فیصد ہو گئے۔ تاہم یہ ظاہری اضافہ اس وقت اپنی اہمیت کھو دیتا ہے جب اس بات پر غور کیا جائے کہ عالیہ یونیورسٹی کے اساتذہ کو حساب سے خارج کر دیا گیا ہے۔
    دیگرسرکاری ملازمتوں میں بھی صورت حال کوئی اچھی نہیں ہے۔ 2008 اور 2016 کے درمیان، مغربی بنگال میں سرکاری ملازمتوں میں مسلمانوں کی نمائندگی میں معمولی اضافہ دیکھا گیا، جو کہ 5.19فیصد سے بڑھ کر6.08فیصد ہو گیا۔ تاہم یہ ان کی آبادی کے 27 فیصد حصہ سے نمایاں طور پر کم ہے۔ اس کے مقابلے میں، شیڈولڈ ٹرائب (ایس ٹی)5.7سرکاری ملازمتیں رکھتے ہیں، جو ان کے 6فیصد آبادی کے حصے سے مطابقت رکھتا ہے۔ جب کہ درج فہرست ذاتیں (SCs) ریاست کی 23فیصد آبادی پر مشتمل ہونے کے باوجود اس طرح کے17.66عہدوں پر فائز ہیں۔اب حکومت نے اس طرح کے سروے بند کردئیے گئے ہیں ۔کلکتہ میونسپل کارپوریشن کے میئر کے عہدہ پر جب ریاستی وزیر فرہادحکیم کو فائز کیا گیا تو اس قدم کو سیاست میں مسلمانوں کی شمولیت سے جوڑا گیا مگر حقیقت یہ ہے کہ کلکتہ کارپوریشن میں مسلم ملازمین کی تعداد محض 5.2فیصد ہے جب کہ 2008میں یہ 5.4فیصد تھی ۔تقرری میں کمی اور آؤٹ سورسنگ میں اضافہ کی وجہ سے، شہری خدمات میں مسلمانوں کی مکمل تعداد 2008 میں 1555سے کم ہو کر 2019 میں 1161ہوگئی۔ کلکتہ پولیس میں کل 25999نفری میں سے صرف11.14فیصد (2897) جو 2008 میں بائیں محاذ کے دور حکومت میں 9.13 فیصد مسلمان ہیں۔ پولیس میں مسلمانوں کی موجودگی 2008 اور 2019 کے درمیان صرف01.2فیصد پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
    یہ اعدادوشماربتاتے ہیں کہ سیکولرزم کی چمپئن اور مسلمانوں کی مسیحا کہی جانے والی ممتا بنرجی مسلمانوں کو برابر ی کا درجہ دینے میں کس قدر سنجیدہ ہیں ۔غیر بی جے پی اقتدار والی ریاستیں مسلمانوں کی سیکورٹی و سلامتی اور مذہبی شناخت کے ایشو کو زیادہ اہمیت دیتی ہیں اور ان کی کوشش رہتی ہے کہ سیاسی بیانہ اسی کے ارد گرد گھومتا رہے ۔افسوس ناک پہلو بھی یہی ہے کہ بی جے پی بھی انہیں ایشوز کو اٹھاکر پولرائز کرتی ہے۔مگر سبھاشیش رے اور سمن ناتھ کی تحقیق بتاتی ہے کہ مسلمان سیکورٹی اور سلامتی کے اعتبار سے بھی محفوظ نہیں ہیں۔ 2011 میں مغربی بنگال میں فسادات کی تعداد 15 تھی، جو 2017 میں بڑھ کر 58 تک پہنچ گئی۔ حاجی نگر، بدوریا، بشیرہاٹ، آسنسول، پرولیا، دھولگر – بڑے فرقہ وارانہ واقعات کی فہرست میں شامل ہے۔فرقہ وارنہ فسادت میں بالواسطہ یا پھر بلاواسطہ شامل رہنے والوں کا ترنمول کانگریس میں خیرم مقدم کیا جانے لگا۔بسوناتھ گوسوامی کے ذریعہ داخل کردہ آر ٹی آئی پر موصول جواب کے مطابق، صرف ہاوڑہ شہر پولیس نے صرف 18 مہینوں میں فسادات کے 59 کیس درج کیے (2021 میں 36، 2022 میں 23)۔ 2011 کے بعد سے سیاسی تشدد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔سیاسی تشدد میں سب سے زیادہ مسلمانوں کی جانیں گئی ہیں۔لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے بعد بنگال میں کئی مقامات مسلم نوجوان ہجومی تشدد کے شکار ہوئے ہیں ۔بھانگر میں عباس صدیقی کی پارٹی آئی ایس ایف کے نوشاد صدیقی کے 2021کے اسمبلی انتخابات میں جیتنے کے بعد سے ہی ان کے حامی نشانے پر ہیں ۔لوک سبھا انتخابات میں بشیر ہاٹ میں آئی ایس ایف کے حامیوں کے خلاف بڑ ے پیمانے پر تشدد کے واقعات ہوئے۔
    تاہم سوال یہ ہے بنگال کے سیاسی منظرنامہ میں مسلمانوں کی سماجی، معاشی اور اقتصادی صورت حال موضوع بحث کیوں نہیں ہے؟ اس سوال کا سیدھا جواب ہے کہ ترنمول کانگریس نے مسلمانوں کے ساتھ دوطرح سے تعلقات استوار کیے ہیں ۔مذہبی لیڈروں اور علما کرام سے انفرادی طور پر رابطہ کیا ہے ۔اس کےلیے ائمہ مساجدو موذنین کی کئی تنظیمیں بنائی گئیں ۔ان تنظیموں کا وقت اور ضرورت کے لحاظ سے استعمال کیا جاتا ہے۔گزشتہ سال 21اگست 2023کو ائمہ و موذنین کی ایک کانفرنس بلائی گئی۔ ترنمول کانگریس کی مقامی لیڈروں نےریاست بھر کے ائمہ و موذنین کواس کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ۔ریاستی وزیر فرہاد حکیم اس کی قیادت کررہے تھے۔ممتا بنرجی نے اس کانفرنس میں شرکت کی اور انہوں نے ائمہ و موذنین کی تنخواہ میں 500روپیے کے اضافہ کا اعلان کیا۔انہوں نے توازن قائم کرنے کےلیے پنڈتوں کی تنخواہ میں بھی اضافہ کیا۔المیہ دیکھیے کہ اتنی بڑی کانفرنس میں مسلمانوں کی سماجی و معاشی اور اقتصادی ترقی سے متعلق نہ مسلم قائدین نے بات کی اور نہ ممتا بنرجی نے۔مشہورانگریزی میگزینEconomic and Political Weeklyنے بنگال میں ترنمول کانگریس کی سیاست اور ریاست میں ہونے تشدد کے واقعات کا موازنہ کرتے ہوئے Corrupt religious leaders and evil Muslim elementsکی اصطلاح کا استعمال کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ انہی دونوں عناصر کی مدد سے ترنمو ل کانگریس ریاست کے مسلمانوں کو قابو میں کرتی ہے اورکوئی آواز بلند ہوتی ہے تو اس کو خاموش کردیا جاتا ہے۔2022فروری میں طلبہ لیڈر انیس خان کا بہیمانہ انداز میں پولس کے ہاتھوں قتل کردیا گیا۔ریاست کی جیلوں میں حالیہ برسوں میں نصف درجن مسلم قیدیوں کی موت ہوئی ہے۔ان تمام اموات کی کوئی جانچ نہیں ہوئی ہے۔
    بنگال کی ملی تنظیمیں جمعیۃ علمائے ہند، جماعت اسلامی ہند کا دائرہ کار ریاست بھر میں پھیلا ہوا ہے۔اول الذکر جمعیۃ علما ئے ہند نے ایک وزارت کے بدلے ممتا بنرجی کے سامنے اپنی پوری تنظیم کو گروی رکھ دیا ہے۔جماعت اسلامی ہند کےلیے ماحول سازگار تھا تاہم جماعت اسلامی بنگال کی موجودہ قیادت بصیرت سے خالی ہے۔چناں چہ مسلمانوں کی اقتصادی ، سماجی اور معاشرتی ترقی کےلیے ان دس سالوں میں کوئی تحریک نہیں چلائی گئی ۔حالیہ دنوں میں ریاست میں کئی ایسے واقعات رونما ہوئے جس کے ذریعہ بی جے پی کو مسلمانوں کو بدنام کرنے کا موقع ملا اور ان واقعات میں ترنمو ل کانگریس کے شرپسند مسلم لیڈ ملوث رہے ہیں مگر مسلمانوں کی مذہبی قیادت نے اس کے خلاف آواز بلند کرنے کی جرأت نہیں کی ۔سندیش کھالی کا واقعہ ہو یا پھر چوپڑا میں اسلامی شریعت کے نام پر ایک پڑیمی جوڑے کی سرعام پٹائی کا معاملہ ۔ملی تنظیموں نے اس وقت بھی خاموشی اختیار کرلی جب ممتا بنرجی نے قرآن سمیت مذہبی کتابوں سے متعلق نازیبا تبصرہ کیا یا پھر ریاستی وزیر فرہا دحکیم کے ذریعہ اسلام کا رشتہ دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش گئی ۔
    سیکورٹی اور سلامتی کے سوال کو اتنا بڑا بنادیا گیا ہے کہ مذہبی وملی قائدین بدعنوانی کے خلا ف مذمت کرنے کی جرأت تک نہیں کرپارہے ہیں۔ چاہے وہ بدعنوانی وقف بور ڈ میں ہو یاعالیہ یونیورسٹی میں۔مسلمانوں کے سامنے سیکورٹی کا سوال اتنا اہم ہوگیا کہ انہوں نے ممتا حکومت کے سامنے مکمل طور پر خودسپردگی کردی ہے اور دوسری طرف ممتا بنرجی ہیں جو 2021کے بعد نرم ہندتو کی سیاست کررہی ہیں ۔سرکاری خزانے سے مندروں کی تعمیر کرارہی ہیں ۔ساحلی مقام دیگھا میں پوری کے طرز کےجگن ناتھ مندر کی تعمیر ہورہی ہے جس پر کئی سو کروڑ روپے خرچ ہورہے ہیں اور دوسری طرف ریاست کے اعلیٰ تعلیمی ادارے فنڈ کی قلت سے جوجھ رہے یہںہے۔ترنمول کانگریس کو احساس ہوگیا ہے کہ مسلمانوں کے پاس ان کے علاوہ کوئی متبادل نہیں ہے اس لئے وہ نرم ہندتو کی سیاست کریں یا پھر مسلمانوں کی تعلیمی اور اقتصادی سوال کو نظر انداز کردیں، مسلمان اس پر بات نہیں کریں گے ۔یہی وجہ ہے کہ آج مسلمان سیاسی طور پر بے اثر ہیں۔گزشتہ سال ضمنی انتخاب میں مسلم اکثریتی علاقہ ساگر دیگھی میں ترنمول کانگریس کے امیدوار کی شکست اور بالی گنج میں معمولی فرق سے جیت کے بعد ممتا بنرجی حرکت میں آئیں تھی ۔انہوں نے آنا فانا مسلمانوں کی ترقی کےلیے کم و بیش تین بورڈ کی تشکیل کی ۔مگر موجودہ لوک سبھا انتخابات میں مسلمانوں کے غیر مشروط حمایت نے مسلمانوں کی اہمیت کو مزید کم کردیا ہے ۔ دیکھنا یہ ہے کہ بے وقعتی کہاں جاکر ختم ہوگی ہے۔

    •••

    نوراللہ جاوید

  • آسام – اےآئی  یو ڈی ایف زوال کی راہ پر

    آسام – اےآئی یو ڈی ایف زوال کی راہ پر

    شمال مشرقی ریاست آسام میں مسلمان کن حالات سے گزررہے ہیں اگر یہ سوال ملک گیر سطح کی ملی تنظیموں اور ان کے سربراہوں سے کیا جائے شاید ہی کوئی تنظیم یا پھر سربراہ مکمل معلومات دے سکے۔ دراصل اس ملک کی سیاست پرہمیشہ سے’’ لوٹین دلی‘‘حاوی رہی ہے۔ کم وپیش یہی حال دہلی میں ہیڈ کوارٹر رکھنے والی ملی تنظیموں کا بھی ہے۔ لوٹین دہلی سے آگے ان کی نظراور میدان کار رک جاتا ہے۔گزشتہ نصف صدی سے زائد عرصے سے آسامی مسلمانوں کو جن مشکلات و مصائب کا سامنا ہے اس کا ادراک تو دورقومی سطح کی تنظیموں کو مکمل طور پر واقفیت بھی نہیں ہے۔غیر روایتی میڈیا (نیوز پورٹل اور صحافیوں کے انفرادی رپورٹ) میں تسلسل کے ساتھ جو رپورٹیں آرہی ہیں وہ بتاتی ہیں کہ آسام کے مسلمان ’’ تعذیب مسلسل ‘‘ سے دوچار ہیں ۔
    آسام میں مسلمانوں کے خلاف اس وقت جو کچھ کیا جارہا ہے اس کا موازنہ 60سال قبل میانمار میں روہنگیامسلمانوں کے خلاف میانمار کی فوجی جنتا اور انتہا پسندبدھشٹوں کے ذریعہ شروع کی گئی مہم سے کیا جاسکتا ہے۔آج صورت حال یہ ہے کہ دس لاکھ روہنگیا انتہائی کسمپرسی کے عالم میں بنگلہ دیش کے کاکس بازار کے کیمپوں میں زندگی گزار رہے ہیں۔تقریبا6 لاکھ میانمار کے صوربہ راکھین کے مختلف کیمپوں میں آباد ہیں ۔جب کہ سیکڑوں روہنگیا پناہ گزیں ہندوستان میں تعصب اور بدترین حالات سے دوچار ہیں ۔عالمی میڈیا میں یہ خبریں آرہی ہیں کہ میانمار کی خونریز خانہ جنگی میں ایک بارپھر میانمارکی فوجی جنتا اور باغی گروپ راکھین آرمی میانمار میں رہ جانے والے 6 لاکھ روہنگیا مسلمانوں کو لقمہ اجل بنانے کو تیار ہیں ۔دونوں گروپ چاہتے ہیں کہ روہنگیا مسلمان ان کے لئے جنگ لڑیں۔ اس کے لئے روہنگیا نوجوانوں کا دونو ں گروپ اغوا تک کررہے ہیں۔
    آسام میں لسانی تعصب کی جنگ آزادی کے بعد ہی شروع ہوگئی تھی مگر سنگھ پریوارگزشتہ 40 سالوں سے کوشاں تھا کہ لسانی اختلافات کو مذہبی اختلافات میں تبدیل کردیا جائے ۔گرچہ آج بھی عوامی سطح پر بنگالی ہندو اور آسامی ہندؤوں کے درمیان خلیج کافی گہری ہیں ۔دونوں کی تہذیب و تمدن الگ ہے اوروہ ایک دوسرے کو قبول کرنے کو تیار نہیں ہیں ۔تاہم 2016میں بی جے پی کی حکومت قائم ہونے کے بعدسے ہی آسام میں آباد بنگالی نژاد مسلمانوں کے خلاف مختلف محاذ پر حملے جاری ہیں ۔2021میں سابق کانگریسی لیڈر ہیمنت بسوا شرما کو وزیر اعلیٰ بنائے جانے کے بعد سے ہی کئی محاذ پر مسلمانوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔سرکاری زمینوں پر تجاوزات کے خلاف مہم کے نام پر تسلسل کے ساتھ غریب اور مفلوک الحال مسلمانوں کو اجاڑنے کی کارروائی جاری ہے۔انگریزی ویب سائٹ ’’مکتوب میڈیا ‘‘کے مطابق ایشین سینٹر فار ہیومن رائٹس نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ 3 لاکھ سے زائد افراد آسام میں بے گھر ہوچکے ہیں ۔ہوجائی، درنگ، سونیت پور، اور بارپیٹا میں جن لوگوں کے مکانات چھین لئے گئے ہیں وہ لوگ دراصل دریا کے کٹاؤ کا شکار ہیں اور برسوں سے حکومت نے ان کی بازآبادکاری نہیں کی ہے۔ایک انگریزی صحافی آدتیہ مکھرجی نے آسام کے درنگ ضلع کے دھلپورجہاں پہلی مرتبہ 2021میں بے دخلی مہم شروع کی گئی تھی سے متعلق ایک رپورٹ شائع کی ہے۔انہوں نے لکھا ہے کہ مئی 2024میں ایک بار پھر بڑے پیمانے پر اس ضلع میں بے دخلی مہم شروع کی گئی ہے۔
    2026میں ملک بھر میں حدبندی ہونی ہے مگر آسام میں جلدبازی میں تین سال قبل 2023میں ہی حلقہ بندی کی گئی ۔حلقہ بندی کے آغاز سے قبل ہیمنت بسوا شرمانے چار اضلاع کو ضم کردیا۔بھر پور کوشش کی گئی مسلم اکثریتی پارلیمانی اور اسمبلی حلقہ کو ختم کردیا جائے ۔ہیمنت بسوا شرما کھلے عام اعتراف کرتے ہیں کہ اسمبلی میں مسلم اکثریتی اضلاع کی تعداد کم ہوکر 22رہ گئی ۔گویا یہ نئی حد بندی کا مقصد صرف آسام میں مسلمانوں کو بے اثر کرنا تھا۔
    چنانچہ لوک سبھا انتخابات کے دوران مسلم نمائندوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔این آرسی ایک بار پھر شروع کرنے کے لئے حکومت ہاتھ پاؤں ماررہی ہے۔ان سب کا ایک ہی مقصد ہے آسام میں مسلمانوں کو حق رائے دہی سے محروم کردیا جائے۔ہیمنت بسوا شرما کھلے عام کہہ رہے ہیں کہ وہ ہندو اور مسلمانوں کی سیاست کرتے ہیں ۔تاہم ان کی بھی یہ کوشش ہے کہ بنگالی نژاد اور آسامی نژاد مسلمانوں کے درمیان اختلافات گہرے کردیے جائیں۔
    ان حالات میں اے آئی یو ڈی ایف جیسی سیاسی جماعت کا منظرنامہ سے غائب ہوجانا کسی المیہ سے کم نہیں ہے۔مگر سوال یہ ہے کہ 2024کے لوک سبھا انتخابات میں اے آئی یوڈی ایف کو اس قدر بدترین شکست کا سامنا کیوں کرنا پڑا ۔خود مولانا بدرالدین اجمل کو دس لاکھ سے زائد ووٹوں سے شکست ہوئی ۔ نوگاؤں لوک سبھا حلقہ سے اے یوآئی ڈی ایف کے جنرل سیکریٹری امین الاسلام بھی بری شکست سے دوچار ہوگئے ۔اسی طرح کریم گنج جیسے مسلم اکثریتی حلقے میں اے یوڈی آئی ایف کی وجہ سے کانگریس کے حافظ رشید چودھری محض چند ہزار ووٹوں سے ہار گئے۔وہ جتنے ووٹوں سے ہارے ہیں، اتنا ہی ووٹ اےآئی یو ڈی ایف کے امیدوار کو ملاہے ۔انگریزی ویب سائٹ دی کوئنٹ نے الیکشن کمیشن کے ذریعے جاری اعداد و شمارکا تجزیہ کرنے کے بعدکئی ایسے حلقوں کی شناخت کی ہے جہاں ووٹنگ سے زیادہ ای وی ایم مشین میں ووٹ پائے گئے۔کریم گنج بھی ان حلقوں میں شامل ہے۔اےآئی یو ڈی ایف کی پوری سیات بنگالی نژاد مسلمانوں پر مرکوز تھی مگر مسلم اکثریتی اضلاع میں ہی اےآئی یو ڈی ایف کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
    2024کے لوک سبھا انتخابات میں بنگالی مسلمانوں کا رجحان کانگریس کی طرف ہوگیا تھا۔ تاہم یہ بھی سچائی ہے کہ آسام میں بنگالی مسلمانوں کو جن حالات و مشکلات کا سامنا ہے اس کو عوام کے سامنے اور اس کے خلاف جدو جہد کانگریس اس قدر نہیں کرسکتی ہے جتنی مسلم قیادت والی سیاسی جماعت کرسکتی ہے۔ ایسا اس لئے کہ کانگریس آسام میں بنگالی نژاد مسلمانوں کی کھلے عا م حمایت کرکے آسامی ہندوؤں کی ناراضگی مول لینے کا خطرہ نہیں لے گی۔ہیمنت بسواشرماانتخابی نتائج کے بعد یہ تاثر دینےمیں مصروف ہیں کہ کانگریس مسلمانوں کی سیاسی جماعت ہے۔اس کی جیت صرف مسلم اکثریتی اضلاع میں ہوئی ہے۔گرچہ حقائق اس کے خلاف ہیں کیوں کہ گورو گگوئی نے راجرہاٹ سیٹ سے جیت حاصل کی ۔ ہیمنت بسوا شرما کا بھی یہی علاقہ ہے اور انہوں نے گورو گگوئی کو شکست دینے کیلئے ہفتوں کیمپ لگایا تھا مگر گگوئی جیتنے میں کامیاب رہے۔یہ سوال بھی کافی اہم ہے کہ کانگریس سی پی آئی ایم اور دیگر علاقائی جماعتوں سے اتحاد کرتی ہے مگر اےآئی یو ڈی ایف کے ساتھ کھڑے ہونے سے گریز کیوں کررہی ہے؟۔
    دھوبری لوک سبھا حلقہ مسلم اکثریتی حلقہ ہے اور یہاں سے 2009سے ہی مولانا بدرالدین اجمل کامیاب ہوتے رہے ہیں ۔اس مرتبہ بھی ان کی جیت یقینی مانی جارہی تھی۔کانگریس نے یہاں سے ایک ایسے لیڈر کو امیدوار بنایا جو اس حلقے کیلئے نیا تھا۔ان کا آبائی علاقہ تین سو کلومیٹر دور ہے تاہم رقیب الحسن آسام کی سیاست میں غیر معروف نہیں تھے۔اس کے باوجود کانگریس کے رقیب الحسن نے اجمل کو دس لاکھ ووٹوں سے شکست سےدو چار کردیا۔اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اجمل اپنے انتخابی حلقے میں بہت ہی غیر مقبول ہوگئے تھے۔یہ دعویٰ کرنا کہ اجمل کے خلاف سازش رچی گئی تھی، حقائق سے فرار کےمترادف ہے۔ اس لئے اس کا تجزیہ کیا جانا ضروری ہے کہ آسام کے بنگالی مسلمانوں نے اجمل کو اس طرح رد کیوں کیا جب کہ اجمل کی سیاست بنگالی مسلمانو ں پرہی منحصر ہے ۔
    80کی دہائی کے شروع میں آسام میں بڑے پیمانے پر بنگالیوں کے خلاف تحریک چلائی گئی ۔اسی دوران نیلی قتل عام کا واقعہ پیش آیا جہاں چشم زدن میں ہزاروں مسلمانوں کو دردناک انداز میں قتل کردیا گیا۔اندرا گاندھی کے قتل کے بعد راجیوگاندھی نےآل آسام اسٹوڈننس یونین جو اس مہم کی قیادت کررہی تھی کے ساتھ آسام معاہدہ کیا جس میں این آر سی کرانے کا وعدہ کیا گیا تھا اور اس کے بعد حالات پرامن ہوئے۔اس کے بعد ہی 1985میں غلام عثمانی کی قیادت میں یونائیٹڈمائناریٹی فرنٹ (یوایم ایف )کی تشکیل ہوئی اور پہلے انتخاب میں ہی اس نے 17, ممبران اسمبلی اور ایک لوک سبھا حلقے میں کامیابی حاصل کرکے سب کو حیران کردیا۔مگر محض دو دہائیوں میں یونائیٹڈمائناریٹی فرنٹ زوال کا شکار ہوگئی اور معنویت سے محروم ہوگئی ۔ 2005میں اےآئی یو ڈی ایف کی تشکیل ہوئی اور یو ایم ایف اس پارٹی ضم ہوگئی۔یہ عجیب اتفاق ہے کہ 20سال بعد اےآئی یو ڈی ایف بھی زوال کے قریب پہنچ چکی ہے،گرچہ اےآئی یو ڈی ایف کےختم ہونے کی پیشین گوئی قبل از وقت ہوگی۔
    اےآئی یو ڈی ایف 2005میں مسلمانوں کی شہریت کو مشکوک کردینے کے حکومت کے طرز کے عمل کے احتجاج میں وجود میں آئی تھی ۔جب اس پارٹی کی تشکیل کی جارہی تھی اس وقت جمعیۃ علمائے ہندکے علاوہ آسام کی ایک درجن مسلم تنظیمیں اور اہم شخصیات شامل تھیں ۔مگر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اجمل کے پرانے ساتھی جس میں ایڈوکیٹ عبد الصمداور ایڈوکیٹ حافظ رشید احمد چودھری جنہوں نے اےآئی یو ڈی ایف کے آئین کو مرتب کیا تھا الگ ہوتے چلے گئے ۔ اے یو ڈ ی ایف پراجمل کی شخصیت حاوی ہوتی چلی گئی اور پھر یہ خاندانی سیاسی جماعت بن گئی ۔اےآئی یو ڈی ایف کی تشکیل پانچ اہم ایشوز کی بنیاد پر ہوئی تھی جس میں مسلمانوں کو ووٹ سے محروم کرنے کی کوششوں کے خلاف جدو جہد، این آر سی کے دوران مسلمانوں کی مدد ، قانونی امداد پہنچانا ،مسلمانوں کی زمین کی حفاظت کرنااور دیگر ایشوز شامل تھے۔آسام سے تعلق رکھنے والے ایک مسلم ریٹائرڈ آئی اے ایس آفیسرنے نام درج نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ مولانا اجمل بہتر ین سماجی کارکن، بہترین انسان، بہترین شخصیت کے حامل ہیں مگر سیاسی حکمت عملی اورسیاسی ویژن سے خالی ہیں ۔اجمل کے بیانات غیر سنجیدہ اور بے احتیاطی پر مبنی ہوتے ہیں ۔ان کے بیانات سے فرقہ پرست قوتوں کو فائدہ پہنچتا ہے ۔ان کےمطابق اہم مواقع پر اجمل کی غیر موجودگی نےبھی مسلمانوں کو مایوس کیا ۔وہ پارٹ ٹائم سیاست داں ہیں۔ اجمل آسامی اور بنگالی مسلمانوں کے درمیان فاصلے بھی ختم نہیں کراسکے اور وہ صرف بنگالی مسلمانوں کے نمائندہ بن کر رہ گئے ۔
    صحافی حافظ پرویز معروف اےآئی یو ڈی ایف کے مستقبل کے امکانات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ اجمل کی شکست سے آسام کی مسلم سیاست یقینا متاثر ہوگی اور اےآئی یو ڈی ایف کا مستقبل کیا ہوگا یہ کہنا قبل از وقت ہے مگر یہ بات بھی سچ ہے کہ بدرالدین اجمل کی شکست سے اےآئی یو ڈی ایف کی مقبولیت متاثر ہوئی ہے اور اس کیلئے کسی حدتک خود اجمل اور ان کے بھائی سراج الدین اجمل ذمہ دار ہیں۔سراج الدین اجمل نےایک سال قبل آسام کے وزیر ہیمنت بسواشرما کی تعریف کرتے ہوئے کہاتھا کہ وہ آسام کے سب سے بہترین وزیر اعلیٰ ہیں ۔ان کے اس بیان کی اےآئی یو ڈی ایف نے تردید نہیں کی۔ جب کہ ہیمنت بسوا شرما تسلسل کے ساتھ مسلمانوں کی دل آزاری کا کوئی موقع ضائع نہیں کرتے ہیں ۔ان حالات میں کوئی شرما کو بہترین وزیر اعلی ٰ قرار دیتے ہیں توشک و شبہ پیدا ہونا لازمی ہے۔سراج الدین اجمل دبئی میں رہتے ہیں سال میں ایک دو مرتبہ آتے ہیں مگر وہ رکن اسمبلی ہیں ۔چناں چہ کانگریس بنگالی مسلمانوں میں یہ بات ثابت کرنے میں کامیاب رہی کہ اجمل اینڈفیملی کیلئے سیاست سے کہیں زیادہ خاندانی کارروبار کو بچانا ترجیحات میں شامل ہے اور وہ ایسا کوئی بھی کا م نہیں کریں گے جس سے ان کے تجاراتی مفادات متاثر ہوں۔
    دھوبری کو مغربی آسام کا گیٹ وےسمجھا جاتا ہے۔ اس کا شاندار ماضی رہا ہے۔ قدیم ترین قصبوں میں سے ایک یہ علاقہ تقسیم تک برطانوی راج کے تحت ایک اہم انتظامی مرکز تھا۔ دریائے برہم پترا دھوبری سے بہتا ہے۔یہ 1983 میں سات اسمبلی حلقوں کے ساتھ ایک ضلع بن گیا، جن میں سے چار ہندوستان-بنگلہ دیش سرحد کے ساتھ واقع تھے۔ نئی حد بندی کے بعد، تین اسمبلی حلقے گولک گنج، دھوبری اور مانکاچار اب بنگلہ دیش کے ساتھ سرحد کا اشتراک کرتے ہیں۔حد بندی کی مشق کے بعد، سیاسی ماہرین کا اندازہ ہے کہ دھوبری میں تقریباً 26 لاکھ ووٹرز ہیں، جن میں سے 13 لاکھ مشرقی بنگال کے ہیں، اور دیگر 8 لاکھ دیشی مسلمان ہیں (جنہیں مقامی سمجھا جاتا ہے)۔ تقریباً 4.8 لاکھ ہندو ووٹر بھی ہیں۔آسام سے تعلق رکھنے والے ایک اسکالر سبھرانگشو پرتیم سرما نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ اس علاقے میں ترقیاتی کام بالکل نہیں ہوئے ہیں۔کئی علاقوں میں آمدو رفت کیلئے آج بھی سڑک نہیں ہے۔ کانگریسی لیڈران اس بات کو گھرگھر پہنچانے میں کامیاب رہے ہیں کہ صرف کانگریس ہی ریاست میں بنگالی بولنے والے عوام کی حقیقی نمائندہ ہو سکتی ہے۔ مہم کے دوران پارٹی یہ بھی بتانے میں کامیاب رہی کہ ریاست میں بی جے پی اور اے آئی یو ڈی ایف کی قیادت کے درمیان خفیہ سمجھوتہ ہے۔
    دراصل اجمل نے اپنے فلاحی اور تعلیمی خدمات کو اپنی سب سے بڑی طاقت سمجھ لیا تھا۔وہ یہ سمجھتےتھے کہ اجمل فاؤنڈیشن کے ذریعہ شروع کئے گئے فلاحی اور تعلیمی کاموں کی بنیاد پر عوام ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔چناں چہ اپنی کے شکست کے بعد انہوں نے جو وجوہات بیان کی ہے کہ اس میں انہوں نے اجمل فاؤنڈیشن کے خدمات پر ہی زور دیا اور کہا کہ اجمل فاؤنڈیشن کے تحت اجمل سپر 40 کوچنگ سینٹر کے 500 سے زیادہ طلبہ نے اس سال NEET امتحان میں کوالیفائی کیا ہے جن میں سے 60 کا تعلق دھوبری سے ہے۔ اجمل کا سپر 40 پروجیکٹ معاشرے کے پسماندہ طبقوں کے طلبہ کو میڈیکل اور انجینئرنگ کی تعلیم کے لیے تیار کرتا ہے۔مگر وہ اس حقیقت کو فراموش کرگئے کہ جس حلقے سے گزشتہ 15سالوں سے وہ نمائندگی کررہے ہیں وہاں خواندگی کی شرح انتہائی مایوس کن ہے یعنی صرف 58.25 فیصد جب کہ آسام میں مجموعی طور پر خواندگی کی شرح 72.19 فیصد ہے ۔
    کوئی بھی سیاسی جماعت محض فلاحی کاموں کے بنیاد پر انتخابی معرکہ سر نہیں کرسکتی ہے۔عوامی خدمت اور سیاست میں گرچہ تضادنہیں ہے تاہم سیاست وقت طلب کام ہے ۔ لیڈر کا موقع پر موجودرہنا اور وقت و حالات کے مطابق اقدامات کرنے کانام سیاست ہے۔ آج تک کوئی بھی صنعت کار کامیاب سیاست دان نہیں ہوسکا ہے۔کاروبار اور تجارت کا تقاضا ہے کہ صاحب اقتدار سے ٹکراؤ کی راہ اختیار نہ کی جائے۔مصلحت اور گفت و شنید کے ذریعہ حکومت سے بہترین رشتہ بنائے رکھا جائے۔اجمل ملک کے معروف عطر ساز ہیں اور آسام کے جنگلوں کی لکڑیاں ان کے کاروبار کیلئے کافی اہم ہیں۔ چناں چہ اجمل پر یہی الزام ہے کہ انہوں نے کاروباری فائدے کیلئے بی جے پی سے سودے بازی کررکھی ہے۔اجمل کے مقابلے میں انتخاب میں جیت حاصل کرنے والے رقیب الحسن مودی اور بی جے پی کے بڑے نقاد ابھر کرسامنے آئے تھے۔اجمل پارلیمنٹ میں 15برسوں تک ممبر پارلیمنٹ رہے ہیں مگر اویسی کی طرح وہ مسلم مسائل پر بات کرنے میں ناکام رہے بلکہ کئی مواقع انہوں نے انتہائی بے وقوفانہ بلکہ بچکانہ بیان دے کر مسلمانوں کو شرمندہ بھی کیا ہے۔لہذا یہ کہا جاسکتا ہے کہ مولانا اجمل بحیثیت سیاست نہ اپنی چھاپ چھوڑ سکے اور نہ ہی بحیثیت ممبر پارلیمنٹ اپنی کوئی شناخت قائم کرسکے۔یہ وہ عوامل تھے جس نے اجمل اور ان کی پارٹی شکست کے دہانے پر پہنچادیا۔
    مگر سوال یہ ہے کہ اے آئی یوڈی ایف کا مستقبل کیا ہے؟ اس کا جواب واضح ہے کہ ان نتائج نے پارٹی اور اجمل دونوں کیلئے خوداحتسابی کا موقع فراہم کیا ہے ۔اگر وہ معروضیت کے ساتھ انتخاب میں شکست کا تجزیہ اور اپنی ناکامی اور کوتاہیوں کا احتساب کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں اور خاندانی سیاسی جماعت کے بجائے اےآئی یو ڈی ایف کو بنگالی مسلمانوں کی نمائندہ جماعت بنانے کے لئے اپنے پرانے ساتھیوں کی واپسی اور عوامی مسائل سے جوڑنے کے لئے حکمت عملی تیار کرتے ہیں تو اےآئی یو ڈی ایف کی واپسی ناممکن نہیں ہے۔ تاہم اس کے لئے اجمل کو فل ٹائم سیاست داں بننا ہوگا اور خاندانی کاروبار اپنے بچوں کوسونپ کر علاحدگی اختیار کرنی ہوگی۔اےآئی یو ڈی ایف کا مستقبل اجمل کے اقدامات پر ہی منحصر ہے۔

    •••

    نور اللہ جاوید

  • یو پی – یوگی کا سیاسی مستقبل؟

    یو پی – یوگی کا سیاسی مستقبل؟

    پارلیمانی انتخابات کے بعد یو پی کے سیاسی گلیاروں میں ایک پراسرار خاموشی چھائی ہوئی ہے۔ اب تک یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ اتر پردیش میں بی جے پی کی ہار کا ٹھیکرا یوگی آدتیہ ناتھ کے سر پھوڑدیا جائے گا ۔لیکن بظاہر ابھی تک ایسا کچھ ہوتا نظر نہیں آ رہا ہے ۔البتہ بعض سیاسی حلقوں کی جانب سے یہ تاثر ضرور دیا جا رہا ہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ کی پوزیشن اب ویسی نہیں رہی جیسی پارلیمانی انتخابات سے پہلے تھی۔ اس کی ایک جھلک وزیر اعظم نریندر مودی کے بنارس دورے کے موقع پر دکھائی دی۔ بنارس سے تیسری بار الیکشن جیتنے کے بعد پی ایم مودی نے بنارس کا دورہ کیا ۔ مودی کے دوش بہ دوش چلنے والے یوگی آدتیہ ناتھ اس بار مودی کے پیچھے چلتے دکھائی دیئے۔ یعنی مودی اور یوگی میں وہ قربت نہیں دکھائی دی جو اس پہلے کے عوامی دوروں کے مواقعوں پر نظر آیا کرتی تھی۔باس سے کئی طرح کے مطلب نکالے جا رہے ہیں۔ بعض تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ پارلیمانی انتخابات کے بعد یوگی اور مودی کے درمیان دوریاں بڑھی ہیں۔ چونکہ راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ یوگی کو وزیر اعلیٰ بنائے رکھنا چاہتا ہے اس لیے مودی ان کے خلاف کھل کر کچھ نہیں کر پا رہے ہیں۔
    گذشتہ دنوں یو پی کابینہ کی میٹنگ میں نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریا نے شر کت نہیں کی تھی۔ کابینہ کی اس میٹنگ میں پارلیمانی انتخابات میں پارٹی کی خراب کارکردگی اور اس کی شکست کا جائزہ لینا تھا۔ اس میٹنگ میں ٹرانسفر پالیسی سمیت 41؍ ترقیاتی اور مالیاتی منصوبوں کو منظوری ملنی تھی۔ کیشو پرساد موریا کی عدم موجودگی میں تمام تجاویز پاس کر دی گئیں۔ کیشو پرساد موریا کو پی ایم مودی کا قریبی مانا جاتا ہے ۔ کیشو پرساد موریا کی یہ قربت گجرات کے مسلم کش فسادات کے وقت سے ہے ۔ اس وقت کیشو پرساد موریا وشو ہندو پریشد کاشی پرانت سے وابستہ تھے ۔ موریا کو ریاستی بی جے پی میں او بی سی کا سب سے بڑا چہرہ مانا جاتا ہے۔ 2017 کے اسمبلی الیکشن میں بی جے پی کی ملی غیر معمولی کامیابی میں کیشو پرساد موریا کا کردار اہم رہا ہے۔ اس جیت کے بعد کیشو پرساد موریا وزیر اعلیٰ کی کرسی کے سب سے مضبوط دعویدار تھے۔ خود کیشو پرساد موریا نے بطور وزیر اعلیٰ اپنی دعویداری پیش کی تھی۔ لیکن ڈرامائی طورسے اچانک یوگی آدتیہ ناتھ کے نام کا اعلان کر دیا گیا ۔کیوں کہ آر ایس ایس کی پہلی پسند یوگی آدتیہ ناتھ تھے ۔ ایسے میں کیشو پر سادموریا کو نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے پر اکتفا کرنا پڑا۔ حالیہ پارلیمانی انتخابات میں پارٹی کو ملی شکست نے یوگی کی پوزیشن کو بظاہر کمزور کر دیا ہے ۔ کیشو پرساد موریا ایک بار پھر وزیر اعلیٰ کی کرسی کے لیے زور لگائے ہوئے ہیں۔ اس خاموش رسہ کشی میں ہر قدم بڑی احتیاط سے اٹھائے
    جا رہے ہیں ۔ یوگی اور مودی ایک دوسرے کے قد اور طاقت سے بخوبی واقف ہیں ۔مودی کے ہاتھوں میں مرکزی اقتدار کی طاقت ہے تو یوگی آدتیہ ناتھ کے پاس گورکھناتھ مٹھ کی سربراہی، ہندو جاگرن منچ اور ہندو یوا واہنی کی افرادی قوت موجود ہے۔ یہ قوت ایسی ہے کہ بی جے پی کو بھی چیلنج کر سکتی ہے ۔ان قوتوں نے ایک طرح سے یوگی آدتیہ ناتھ کو سیاسی طور سے خود مختار بنا دیا ہے ۔ یو پی میں یوگی آدتیہ ناتھ کی اپنی بنائی ہوئی سیاسی بساط ہے جس پر وہ خودکھیلتے آئے ہیں ۔ایسے میں اگر آرا ایس ایس بھی حمایت سے ہاتھ کھینچ لیتی ہے تو بھی یوگی کی مذہبی ، سیاسی اور افرادی قوت اپنی جگہ برقراررہے گی ۔شاید یہی وجہ ہے کہ بی جے پی ان پر ہاتھ ڈالنے سے ہچکچا رہی ہے۔ یوگی اگر اقتدار چھوڑیں گے تو اپنی مرضی سے۔ ان کو اعتماد میں لیکر ہی یو پی کے اقتدار میں کوئی بڑی تبدیلی کی جا سکتی ہے ۔یوگی مرکز کے دباؤ میں آکر اقتدار چھوڑ دیں گے، اس کی امید کم ہی نظر آ رہی ہے۔ یوں بھی یوگی کے اقتدار پر جمے رہنے کی سب سے بڑی وجہ ان کا مسلم مخالف کردار ہے ۔
    تمام تر اندرونی دشواریوں کے با وجود یوگی آدتیہ ناتھ پورے شد و مد کے ساتھ اپنے مسلم مخالف ایجنڈا پر عمل پیرا ہیں ۔ در حقیقت یوگی کی اصل شناخت بھی یہی ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ بی جے پی کے خلاف تو جا سکتے ہیں لیکن اپنے مسلم مخالف ایجنڈا سے دستبردا ر نہیں ہو سکتے ۔پارلیمانی انتخابات میں شکست کے بعدبھی یوگی حکومت کی مسلم مخالف مہم میں کوئی کمی نظر نہیں آئی ہے ۔ لکھنؤ میں لگ بھگ 24؍ ایکڑ کے رقبے پر آباد اکبر نگر بستی کو بلڈوزروں سے مسمار کر دیا گیا۔ اس کاروائی میں تقریباً بار ہ سو مکانوں اور دکانوں کو ڈھا دیا گیا ہے ۔ ککریل ندی کے کنارے اکبر نگر میں بسے لوگ گذشتہ کئی دہائیوں سے رہ رہے تھے ۔یوگی حکومت نے اکبر نگر کو غیر قانونی قرار دے کر مسمار کرنے کا حکم دیا تھا ۔اکبر نگر کے باشندوں نے ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ سے رجوع کیا لیکن ان کو اعلیٰ عدالتوں بھی سے کوئی راحت نہیں ملی۔ اب اس جگہ پر’’ ریورفرنٹ‘‘ تعمیر کیا جائے گا ۔گرچہ لکھنؤ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے معاضے کے طور پر پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت مکان دینے کا وعدہ کیا ہے ۔ تاہم اکبر نگر سے بے گھر ہونے والے بیشتر افراد مکانوں سے محروم ہو گئے ہیں ۔
    یوگی آ دتیہ ناتھ اس وقت دو محاذوں پر کام کر رہے ہیں ایک طرف اپنے مسلم مخالف رویوں میں کوئی لچک لانے کو تیار نہیں دکھائی دیتے تو دوسری طرف پارٹی اور مرکزی حکومت کو یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ الیکشن میں بی جے پی کی شکست کو لے کر وہ کافی سنجیدہ ہیں ۔اس کے لیے یوگی پارلیمانی انتخابات میں ہارنے والے امیدواروں سے لگاتار ملاقاتیں کر رہے ہیں ۔ اس ملاقات میں وہ یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ بی جے پی کی شکست کی کیا وجوہات رہی ہیں۔اس بات پر بھی غور کیا جا رہا ہے کہ پارٹی کے لیے زمینی سطح پر کام کرنے والے کارکنان کی ناراضگی کو کس طرح دور کیا جاسکتا ہے۔ یوگی ذاتی طور سے جن لوگوں ملاقات کرچکے ہیں ان میں بدایوں کی سابق ایم پی سنگھ مترا موریا ، سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے صدر اور کابینہ وزیر اوم پر کاش راج بھر، سابق ایم پی ریتا بہوگنا جوشی اور الہ آباد سے الیکشن ہارنے والے بی جے پی کے امیدوار نیرج ترپاٹھی کا نام قابل ذکر ہے۔نیرج ترپاٹھی سابق گورنر کیسری ناتھ ترپاٹھی کے بیٹے ہیں۔بنیرج ترپاٹھی کی جیت کو لے کر بی جے پی کافی پر امید تھی ۔لیکن ان سب ملاقاتوں میں رگھوراج پرتاپ سنگھ عرف راجا بھیا کی پارٹی جن ستا دل کے جنرل سکریٹری شیلندر کمار سے یوگی کی ملاقات سیاسی حلقوں میں کئی زاویوں سے اہم مانی جا رہی ہے۔ عام تاثر یہ ہے کہ راجا بھیا نے مشرقی یو پی کی کئی سیٹوں پر بی جے پی کو شکست دلانے میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ اس ملاقات کے یہ بھی معنی نکالے جا رہے ہیں کہ یوگی سے ناراض چل رہے راجا بھیا کو پارٹی میں لانے کی کوشش کی جائے تاکہ اسمبلی الیکشن میں ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکے ۔ ان ملاقاتوں کے ذریعے بھی یوگی آدتیہ ناتھ یو پی کی سیاست پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وہ یہ بخوبی جانتے ہیں کہ آنے والا وقت ان کے لیے مشکلوں بھرا ہو سکتا ہے۔ اس لیے انہوں نے ابھی سے اپنے لیے متوازی سیاسی راہ بنانی شروع کر دی ہے ۔
    کہنے کو تو یو پی میں دو عدد نائب وزرائے اعلیٰ بھی ہیں لیکن انتظامی اور حکومتی سطح پر ان کا کردار بہت محدود ہے۔ مہاراشٹر کے
    برعکس یہاں ان وزراء اعلیٰ کے اختیارات برائے نام ہیں ۔بظاہر تو ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یو پی میں یوگی آدتیہ ناتھ بی جے پی کو کمزور اور خود کو مضبوط رکھنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔اس بات کا احساس پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو بھی ہے۔ اس وقت بی جے پی یوگی کو ہٹا کر پارٹی کو نئے بحران میں ڈالنے کی ہمت نہیں کر پار رہی ہے ۔خطرات کے با وجود اگر پارٹی کی اعلیٰ قیادت یوگی آدتیہ ناتھ کو ہٹانے کا فیصلہ کر ہی لیتی ہے تو اس کو پہلے دو باتوں کی تیار ی کر لینی ہوگی ۔ ایک یہ کہ یوگی آدتیہ ناتھ کا متبادل پہلے سے تیار رکھنا ہوگا جو اس بحران سے نبرد آزما ہو سکے۔ اور یہ کہ وہ اقتدار سے ہٹنے کے بعد یوگی آدتیہ ناتھ کے حامیوں کے رد عمل کا سامنا کر سکے۔ اس لیے یوگی آدتیہ ناتھ کو اعتماد میں لیئے بغیر اعلیٰ قیادت ان کو ہٹانے کا خطرہ مول نہیں لے سکتی ۔
    یہاں ایک بات اور قابل غور ہے کہ پارٹی کے ایک بڑے دھڑے کا آج بھی یہ ماننا ہے کہ یوگی کی کٹر مسلم مخالف شبیہ سے پارٹی کو کافی فائدہ پہنچ رہا ہے۔ اس طبقے کے افراد کی یہ بھی دلیل ہے کہ لوک سبھا کا الیکشن مودی کے نام پر لڑا گیا تھا یوگی کے چہرے پر نہیں۔ یو پی الیکشن پرچار میں بھی یوگی کو کوئی خاص جگہ نہیں دی گئی تھی۔ اس کا بھی منفی اثر پڑا ہے۔ اگر یو پی میں پارلیمانی انتخابات یوگی کے چہرے پر لڑا گیا ہوتا تو نتائج مختلف ہو سکتے تھے۔ اس وقت یو پی بی جے پی کی اندرونی رسہ کشی مودی بنام یوگی کی ہو گئی ہے۔ یوگی حکومت کی اب تک کی پالیسی مرکز کا دباؤکو قبول نہ کرنے کی رہی ہے۔ اگر یوگی کی مرضی کے خلاف اعلیٰ قیادت کوئی قدم اٹھاتی ہے تو اس کے نتائج پارٹی میں اندرونی انتشار کے شکل میں ظاہر ہوسکتے ہیں۔ اس ٹکراؤ سے آر ایس ایس اور مودی کی قیادت والی حکومت حتی الامکان بچنے کی کوشش کرے گی۔
    آخر میں ان تمام باتوں سے ا لگ اس بات کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہئے کہ آ ر ایس ایس کے لیے مقصد اہم ہے، افراد نہیں ۔مرکزی حکومت ہو یارستی حکومت،اس کی قسمت کا فیصلہ آرا یس ایس ہی کو کرنا ہوتا ہے ۔ عوامی سطح پرجو چیز نظر آتی ہے بعض اوقات اس کی حقیقت ایک سراب سے زیادہ کی نہیں ہوتی ۔ملک اور ریاستوں میں ایک مسلم مخالف سیاسی نظام آر ایس ایس کی اولین ترجیح ہے ۔اس کے لیے افراد نہیں مقاصد اہمیت رکھتے ہیں ۔خواہ وہ افراد کتنے ہی بڑے کیوں نہ ہوں ۔

    •••

    مشتاق عامر