Category: تصویر وطن

  • انتخابی جنگ اور مودی کی ہرزہ سرائی

    انتخابی جنگ اور مودی کی ہرزہ سرائی

    افتخار گیلانی

    سال 2014 میں بھارت میں ہو رہے عام انتخابات کو کور کرنے کےلئے میں صوبہ بہار کے سمستی پور قصبہ میں وارد ہوا تھا۔ معلوم ہوا کہ ہوٹل کے سامنے ہی ایک مقامی سینما ہال کے منیجر کے کمرے میں قصبہ کے سیاسی کارکن، ذی عزت اور دانشور قسم کے افراد شام کو جمع ہوتے ہیں اور ایک مقامی کلب جیسا ماحول ہوتا ہے۔ میں بھی سیاسی سن گن لینے کے لیے ایک بن بلائے مہمان کی طرح اس کلب میں جا پہنچا۔
    نئی دہلی کے صحافی کی اپنے دفتر میں کوئی عزت و وقعت ہو نہ ہو، مگر دارالحکومت کے باہر قدم رکھتے ہی اس کا وقار خاصا بلند ہو جاتا ہے۔ صوبوں کے سیاسی کارکن تو دہلی کے پتر کار کا ذکر سنتے ہی بچھ جاتے ہیں کہ کیا معلوم اس کی رسائی ان کے اعلیٰ لیڈران تک ہو۔ یہ کسی حد تک سچ بھی ہے کہ پارلیامنٹ کے اجلاس کو کور کرنے کی وجہ سے دہلی کے صحافی کی صوبوں میں کام کرنے والے اپنے ہم منصبوں کی نسبت اقتدار تک رسائی زیادہ آسان ہوتی ہے۔ ایک مفروضہ یہ بھی ہوتا تھا کہ اعلیٰ لیڈران تو علیٰ الصبح دہلی سے شائع ہونے والے اخبارات ہی پڑھ کر اپنی رائے بناتے ہیں۔
    خیر سینما ہال کے اس کلب نما کمرے میں میرا بڑا پر تپاک استقبال ہوا۔ چائے کی چسکیاں لیتے ہوئے، ایک مقامی سیاسی کارکن نے گفتگو کے دوران کہا کہ اگر ان انتخابات میں نریندر مودی جیت جاتے ہیں تو بھارت کیا پوری دنیا میں آئندہ انتخابات لڑنے کا طریقہ کار بدل جائے گا۔
    مزید وضاحت کرتے ہوئے اس نے کہا کہ یہ انتخاب روایتی طریقوں، انسانی احساسات اور ٹکنالوجی کے درمیان ایک جنگ ہے۔ ان انتخابات میں پہلی بار سوشل میڈیا اور ٹکنالوجی کا بھر پور استعمال کرتے ہوئے مودی نے افواہوں، آدھے سچ کو پھیلا کر عوام کی ذہن سازی کرکے اکثریت حاصل کر کے اقتدار پر قبضہ کرلیا۔ سمستی پور کے اس مقامی سیاسی کارکن نے البتہ یہ تو ثابت کردیا کہ جنوبی ایشیاء میں بہاریوں سے بڑھ کر کوئی سیاسی نبض شناس نہیں ہے۔
    اس نئی انتخابی اسٹریٹجی کے خالق ویسے تو بی جے پی کے ہی لیڈر اور مودی کے گرو کیشو بھائی پٹیل ہیں، جنہوں نے 1995 میں گجرات کے صوبائی انتخابات میں چھوٹے چھوٹے کیم کارڈرز کا استعمال کیا تھا۔ اس وقت ان پر خاصی ڈیوٹی ہوتی تھی۔ اس کا طریقہ یہ نکالا گیا کہ برطانیہ میں پارٹی کے ہمدرد افراد بھاری تعداد میں اپنے ساتھ یہ کیمرے لے کر آگئے اور ان کو اپنے پاسپورٹ پر درج کروا دیا۔ انتخابی مہم کے دوران یہ غیر بھارتیہ گجراتی کیم کارڈر ہاتھ میں لیے ریکارڈنگ کرتے نظر آتے تھے۔ بعد میں انتخابات ختم ہونے کے بعد وہ ان کو اپنے ساتھ واپس لے کر گئے۔ مگر ان کیم کارڈر نے انتخابی مہم میں ایسا رنگ ڈالا کہ کانگریس کی کیمپین پھیکی پڑ گئی اور تب سے اس صوبہ میں بی جے پی کی حکومت ہے۔
    مگر انتخابات میں ٹکنالوجی کے استعمال کو بہار کے ایک فرد پرشانت کشور نے ایک ا نتہا تک پہنچا دیا۔ اقوام متحدہ کے صحت عامہ کے شعبہ میں کام کرنے کے بعد وطن واپسی پر انہوں نے انتخابی اسٹریٹجی کو سائنسی بنیادوں پر استوار کرنے اور سڑکوں پر گاجے باجے کے بجائے، موبائل فونز پر ایس ایم ایس، اور دیگر پلیٹ فارمز کی مدد سے مہم چلا کر عوامی ذہنوں کو براہ راست متاثر کرنے کا کام شروع کرنے کا بیڑا ٹھایا۔
    ان کی پہلی محدود مہم 2012 میں مودی کے لیے اس وقت تھی، جب وہ گجرات صوبہ کے وزیر اعلیٰ کے طور پر تیسری مرتبہ انتخاب لڑرہے تھے۔ویسے ایک بار ایک نجی ملاقات میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے مجھے بتایا تھا کہ کشور ان کی دریافت تھی۔ ان کے مطابق انہوں نے ہی کشور کو ہندوستان واپس آکر ان کے دفتر میں کام کرنے کی ترغیب دی تھی۔
    کشور نے ایک غیر سرکاری تنظیم سٹیزن فار اکاؤنٹیبل گورننس (سی اے جی) اور پھر انڈین پولیٹیکل ایکشن کمیٹی بنا کر مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیے کام کیا۔ 2014 کے انتخابات میں بڑے پیمانے پر انہوں نے مودی کے لیے کام کر کے ان کو قطعی اکثریت حاصل کروانے میں مدد دی اور پھر ایک سال بعد مودی سے الگ ہوکر انہوں نے بہار میں نتیش کمار اور لالو پرساد یادو کے اتحاد کے لیے کام کرکے بی جے پی کو ہروایا۔ پھر 2017 کے پنجاب قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے کانگریسی لیڈر امریندر سنگھ سمیت مختلف اوقات میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیے کام کیا۔ گو کہ پرشانت کشور اب بطور الیکشن حکمت علمی کار کے ریٹائرڈ ہو چکے ہیں، مگر اب اس طرح کے کئی ادارے ہندوستان میں سرگرم ہیں۔ اب تو انتخابات لڑنے والے امیدوار انفرادی طور پر بھی ان کی خدمات مستعار لیتے ہیں۔ 2014 کے بعد یہ ایک نئی پود وجود میں آئی ہے، جن پر سیاسی جماعتوں اور انفرادی طور پر امیدواروں کو بھاری رقم خرچ کرنی پڑتی ہے ۔
    پرشانت کشور کے ایک ساتھی شیوم شنکر سنگھ نے اپنی ایک کتاب ہاؤ ٹو ون این انڈین الیکشن میں ایسے طور طریقوں کا احاطہ کیا ہے، جن سے موجودہ دور میں انتخابات میں جیت کو یقینی بنایا
    جا سکتا ہے۔ انہوں نے بعد میں کشور کی انڈین پولیٹیکل ایکشن کمیٹی (آئی پی اے سی) سے استعفیٰ دے کر براہ راست حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اہم لیڈروں رام مادھو وغیرہ کے ساتھ کام کرکے پارٹی کی انتخابی اسٹریٹجی کو ترتیب دینے کا کام کیا۔
    ان کا کہنا ہے کہ شاید سیاسی پارٹیوں کو اب نجی فرموں کی خدمات کی مزید ضرورت نہ رہے، کیونکہ پارٹیاں اب اپنے اندر ہی اس طرح کے شعبے بناکر کنسلٹنٹ بھرتی کرتی ہیں۔ اس طرح وہ اپنا ڈیٹا بھی محفوظ رکھتی ہیں۔ اس میں کنسلٹنٹ کے لیے بھی فائدہ ہے۔ انہیں نہ صرف مسابقتی تنخواہ ملتی ہے، بلکہ سیاسی رہنماؤں کے ساتھ براہ راست کام کرتے ہوئے مہم میں مزید شامل ہونے کا موقع بھی ملتا ہے۔
    سنگھ کا کہنا ہے کہ مودی کے لیے جو چائے بیچنے والا یا نچلے طبقہ سے تعلق رکھنے والا برانڈ بنایا گیا وہ ایک سوچی سمجھی حکمت عملی تھی۔ اس میں یہ بتانا مقصود تھا کہ مودی ایک انتہائی مؤثر وزیر اعلیٰ ہیں جنہوں نے گجرات کو بدل کر رکھ دیا۔ ایک چائے بیچنے والی شبیہ کو اجاگر کرکے یہ بتانا مقصود تھا کہ وہ نچلے طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اور کانگریس کی اقربا پروری اور اشرافیہ سے لڑتے ہوئے وہ ایک اہم عہدے تک پہنچ گئے۔
    سنگھ کے بقول ان پر یہ واضح ہو گیا کہ مودی نے جو برانڈ اپنے لیے تیار کیا تھا وہ کوئی حادثہ نہیں تھا، بلکہ سوچی سمجھی حکمت عملی تھی۔ آن گراؤنڈ اور آن لائن مہم کے مؤثر امتزاج سے کانگریس اور گاندھی خاندان کے خلاف ایک منفی فضا پیدا ہوگئی۔ کتاب کے مطابق کہ ایسی فضا شاذ و نادر ہی خود بخود بنتی ہے۔ عوامی ذہنوں کو اپنی گرفت میں لینے والے ایک آئیڈیا کے لیے بہت محنت اورمسلسل تکرار درکار ہوتی ہے اوراب جدید ٹکنالوجی کا
    اس میں بڑا ہاتھ ہے۔کتاب کے مطابق، اب تقریباً تمام پارٹیوں نے اپنی انتخابی مہم کے مارکیٹنگ کے شعبے کو سنبھالنے کے لیے پیشہ ور افراد کو نوکریوں پر رکھا ہے۔ ان کو ٹی وی اشتہارات، انتخابی گانوں، ہورڈنگز کے گرافکس اور اخباری اشتہارات کی باگ ڈور سونپی گئی ہے۔
    پرشانت کشور کے ساتھ شو وکر م سنگھ نے 2017 میں پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے کانگریس کے لیڈر امریندر سنگھ کی مہم کی کمان سنبھالی تھی۔ان کا کہنا ہے کہ مہم کے آغاز میں ان کو ادراک ہوا کہ پٹیالہ کے راج گھرانے سے تعلق رکھنے کی وجہ سے امریندر سنگھ کو مہاراجہ کہہ کر مخاطب کیا جاتا ہے۔وہ بھی اس کے عادی ہیں اور خوش ہوجاتے ہیں۔ اس کے علاوہ امریندر سنگھ کی ایک امیج ایسی تھی کہ دیر سے جاگتا ہے اور ایک مہاراجہ کی طرح عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہے۔ چوں کہ ان انتخابات میں ان کے مقابل عام آدمی پارٹی تھی، جو اپنے آپ کو عوام کے قریب ہونے کا دعویٰ کرتی تھی، اس لیے ان کی ٹیم نے امریندر سنگھ کو ہدایت دی کہ وہ اپنے آپ کو مہاراجہ کے بجائے کیپٹن کہلوائیں، کیونکہ وہ فوج میں کیپٹن کے عہدے پر رہ چکے تھے۔
    بس پھر کیا تھا "پنجاب دا کپتان” کی ٹیگ لائن کو مہم کے مرکزی موضوع کے طور پر منتخب کیا گیا۔ لوگوں سے "پنجاب دا کیپٹن” کی حمایت کرنے کے لیے مسلسل پیغام رسانی اور پرکشش مہم کے نعرے”چوندا ہے پنجاب، کپتان دی سرکار "کی تشہیر سے ماحول ہی تبدیل ہوگیا۔پارٹی کے کارکن ووٹروں نے ان کو کپتان کہہ کر مخاطب کرنا شروع کر دیا۔ اس کے علاوہ انتخابی اسٹریجسٹ کے کہنے پر سنگھ نے ریاست کے ہر اسمبلی حلقے کا دورہ کیا اور ووٹروں سے ان کو درپیش مسائل کے بارے میں تحریری درخواستیں لیں۔انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ اپنی حکومت کے اقتدار میں آنے کے پہلے 100 دنوں میں ان تمام مسائل کو حل کرنے کے لیے کام کریں گے۔ منصوبہ یہ تھا کہ سنگھ پنجاب کے تمام 117 اسمبلی حلقوں کا دورہ کریں گے، لیکن ہم نے اندازہ لگایا کہ وہ حقیقی طور پر صرف ساٹھ سے ستر حلقوں کا احاطہ کر سکیں گے۔

    ہم نے اندازہ لگایا کہ یہ الیکشن کا رخ موڑنے کے لیے کافی ہوگا۔ چونکہ وہ وہی وعدے کر رہے تھے، جو ان کو عوام سے مراسلوں کی صورت میں ملے تھے، لہذا ان لوگوں نے ووٹ بھی ڈالے۔ ان انتخابات میں امریندر سنگھ کی قیادت میں کانگریس کو 77 سیٹیں حاصل ہوئیں۔
    سنگھ کا کہنا ہے کہ کانگریس نے ابتدائی طور پر راہل گاندھی کے لیے ایک مضبوط برانڈ بنانے پر توجہ نہیں دی۔ وہ راہل گاندھی کو پبلک کے سامنے زیادہ ایکسپوز کرنے سے کتراتے تھے۔ یہ کانگریس کی ہمیشہ سے ہی حکمت عملی رہی ہے کہ گاندھی خاندان کو پبلک کے سامنے زیادہ نہ آنے دیا جائے، تاکہ ان کے ارد گرد ایک ہالہ سا بنا رہے، جو پرانے زمانے میں راجے مہاراجوں کا خاصہ ہوتا تھا۔مگر ان کو معلوم نہیں تھا کہ اب سیاست اور ووٹروں کا مزاج بدل چکا تھا۔ جب تک ان کو ادراک ہوا، تب تک بی جے پی نے راہل گاندھی کو ‘پپو’ میں تبدیل کر دیا تھا۔ یعنی لوگوں کو یہ باور کرادیا کہ وہ لیڈر بننے کے لائق نہیں ہیں۔
    مودی نے پہلے ہی اپنے لیے ایک مضبوط برانڈ بنا لیا تھا، اس لیے ان کی غلطیاں معاف کر دی گئیں۔ ورنہ سنگھ کے مطابق، حقیقت یہ ہے کہ مودی لاکھوں مالیت کے ڈیزائنر لباس پہنتے ہیں اور اپنے اشتہارات یا بیرون ملک دوروں پر کروڑوں خرچ کرتے ہیں۔ اس سے بھی ان کی ایک عاجزانہ پس منظر رکھنے والے”فقیر” ہونے کی شبیہ میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔سنگھ نے بعد میں بی جے پی کے لیے شمال مشرق کے کئی صوبوں میں کام کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ میڈیا کے لیے سرخیوں کا انتظام کرتے تھے اور سوشل میڈیا جیسے ٹولز کے ذریعے عوامی گفتگو کو ایک خاص سمت میں منتقل کرنا ان کے کام کا حصہ تھا۔کتاب کے مطابق انہوں نے جو الگورتھم بنایا تھا اس نے ہر بوتھ کو الگ الگ زمروں میں بانٹا تھا، یعنی ان کی سازگار، کمزور اور مشکل کی درجہ بندی کی گئی تھی۔
    اس سے پتہ چلتا تھا کہ انتخابی مہم کے دوران پارٹی کی کوششوں اور وسائل کو کہاں اور کس حد تک استعمال کرنا ہے۔ سنگھ اور اس کے ساتھیوں کا سب سے بڑا کارنامہ 2018 میں شمال مشرقی صوبہ تریپورہ کو کمیونسٹوں سے چھیننا تھا۔ وہ اس صوبہ پر 25 سالوں سے بر سر اقتدار تھے۔2013 کے اسمبلی انتخابات کے دوران بی جے پی کو کل ووٹوں کا محض 1.54 فیصد ووٹ حاصل ہوا تھا۔ اس کے علاوہ ریاست کے وزیر اعلیٰ سی ایم مانک سرکار ایک سادہ آدمی لگ رہے تھے اور انہوں نے ایماندار اور مخلص ہونے کی مضبوط ساکھ بنائی تھی۔انہیں شورش کے ایک مشکل مرحلے کے دوران ریاست کی قیادت کرنے اور امن قائم کرنے کا سہرا بھی دیا گیا تھا۔ یہ نظریاتی سپیکٹرم کے دو مخالف سروں دائیں اور بائیں بازو کی جنگ تھی۔ ڈیٹا پر کام کرتے ہوئے سنگھ اور اس کی پارٹی نے ویژولائزیشن ٹولز بنانے پر توجہ مرکوز کی، جس کی مدد سے انہوں نے نقشوں پر ڈیٹا پلاٹ کرنے اور بار گرافس اور چارٹس جیسے دیگر گرافیکل فارمیٹس تشکیل دیے۔
    ایک پرائیویٹ کمپنی کے ساتھ مل کر انہوں نے ایک موبائل ایپ تیار کرنے کے لیے بھی کام کیا جو ڈیٹا کو پارٹی رہنماؤں کے لیے آسان بناتا تھا۔ یہ بھی معلو م ہوا کہ صوبہ کے قبائلی کمیونسٹ حکومت سے نالاں ہیں۔ بس اس ناراضگی اور پھر ڈیٹا کی بھر مار کا ایک ایسا مجموعہ ہاتھ آگیا، جس نے کمیونسٹوں کو زچ کر دیا اوربی جے پی کا ووٹ بینک ایک فی صد سے 36 فیصد پہنچ گیا۔
    سنگھ کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے پاس پہلے ہی راشٹریہ سیوئم سیوک سنگھ یعنی آر ایس ایس کے کیڈر کی طاقت حاصل ہے۔ آر ایس ایس نے ملک بھر میں پنا پرمکھوں یعنی ووٹر لسٹ کے ایک صفحہ کے انچارج تعنیات کیے ہیں۔ ایک پنا پرمکھ ووٹر لسٹ کے ایک صفحے پر درج تمام ووٹروں کے درمیان رسائی اور مہم کا ذمہ دار ہوتا ہے، اور جو اوسطاً ساٹھ ناموں پر مشتمل ہوتا ہے۔
    ایک بار جب کسی پارٹی نے ووٹروں کی ذاتوں اور مذاہب کو انتخابی فہرست میں ان کے ناموں کے ساتھ کمپیوٹر کے سافٹ ویئر میں درج کرا دیا، تو اگلا مرحلہ ان کے فون نمبر حاصل کرنے کا ہوتا ہے۔ یہ ڈیٹا بروکرز کے پاس دستیاب رہتے ہیں، جو ممکنہ طور پر اسے ٹیلی کام کمپنیوں کے نچلے درجے کے ملازمین یا سم کارڈ ڈیلرز سے حاصل کرتے ہیں۔
    ہندوستان میں اس وقت 535 ملین وہاٹس ایپ صارفین ہیں۔ سنگھ کا کہنا ہے کہ مغربی ممالک کے برعکس ہندوستان میں دیہاتوں کا سفر کرتے ہوئے ان کو احساس ہوا کہ ووٹروں کا خیال ہے کہ سیاسی وہاٹس ایپ گروپ میں شامل ہونے سے انہیں جیسے کسی قسم کی اندرونی معلومات یا پاور کے محور تک رسائی حاصل ہو گئی ہے۔چونکہ اس گروپ میں چند معتبر افراد بھی ہوتے ہیں، ان کو لگتا ہے کہ وہ ان کے قریب ہوگئے ہیں اور جیسے وہ کسی معتبر ذریعے سے معلومات حاصل کر رہے ہیں۔

    اگر انہیں نہرو-گاندھی خاندان کے تعلیمی پس منظر یا شہریت قانون کے بارے میں کس طرح کی غلط بیانی موبائل پر ملتی ہے، تو وہ اس کو دلچسپی کے ساتھ پڑھتے ہیں۔ یہ ایک خطرناک رجحان ہے۔ 2 ستمبر 2018 کو ایک ٹوئٹر صارف نے ایک غریب بھکاری کی ویڈیو ٹویٹ کی، جس میں لکھا کہ اس کو مسلمانوں نے پیٹا ہے۔اداکارہ کویتا مترا نے 1.98 لاکھ فالوورز کے ساتھ اس کو فارورڈ کرکے اعلان کیا کہ جس شخص کی پٹائی کی جارہی ہے وہ ناگا سادھو سنیاسی ہے، جو ہندوؤں کے ایک طبقہ کے لیے نہایت ہی متبرک ہوتے ہیں۔اس کے بعد تو سوشل میڈیا کے تمام پلیٹ فارم پر افواہوں کا بازار گرم ہوگیا۔ایک دن کے بعد تھانے کے ایس ایچ او اور دہرادون کے ایس ایس پی نے واضح کیا کہ یہ شخص ناگا سادھو نہیں تھا بلکہ ایک عادی نشہ باز تھا، جس نے ایک ہندو عورت کے ساتھ بدتمیزی کی تھی اور اس عورت کے بھائی اور اس کے دوست نے اس کی پٹائی کی۔ اس پورے واقعے میں کوئی بھی مسلمان ملوث نہیں تھا۔ مگر اس ویڈیو نے تب تک اپنا کام کر دیا تھا۔
    سنگھ کا کہنا ہے کہ علاقائی پارٹیاں جن کا ذات پات پر مبنی ووٹ بینک ہوتا ہے کو شکست دینے کے لیے بی جے پی نے ایک ہندو ووٹ بینک تیار کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اس کے لیے بابری مسجد، رام مندر کو بار بار یاد دلانا اور یہ پیغام دینا کہ رام مند ر کو ایک مغل جنرل میر باقی نے 1528 میں توڑ کر مسجد بنائی تھی۔کتاب کے مطابق بی جے پی نے اپنے آپ کو ایک ایسی پارٹی میں ڈھالا ہے جو ہندو مقاصد کی آبیاری کرتی ہے اور اس میں سب سے بڑی رکاوٹ مسلمان ہے اور اپوزیشن ان کی خوشامد اور پذیرائی کرنے میں لگی ہوئی ہے۔یہ کوئی حادثاتی نعرہ نہیں ہے، بلکہ بی جے پی کا برانڈ ہے۔ 2017 کے اتر پردیش قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے نتائج، جہاں بی جے پی اور اس کے اتحادیوں نے ایک بھی مسلم امیدوار کھڑا کیے بغیر 400 میں سے 325 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی۔
    موجودہ انتخابات میں بھی پارٹی نے ایک ہی مسلم امیدوار کو کیرالا سے کھڑا کیا ہے اور وہ بھی جیتنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ انتخابات جیتنے کے لیے بی جے پی کو اپنا ہندو ووٹ بینک برقرار رکھنا ہے، کیوں کہ پولرائزیشن میں اضافے کی وجہ سے ہی پارٹی کو انتخابی طور پر فائدہ ہوتا ہے۔
    مسلمانوں کے علاوہ بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے دانشوروں کو بھی دشمنوں کے زمرے میں رکھا گیا ہے اور وزیر اعظم مودی نے خود ان کے لیے اربن نکسل اور ٹکڑے ٹکڑے گینگ جیسے الفاظ استعمال کیے ہیں۔ غریبوں کے لیے یہ بیانیہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے کہ وہ سابق حکومتوں کی بدعنوانیوں کی وجہ سے غریب ہیں اور بی جے پی نے نوٹ بندی کے ذریعے کالے دھن کے ذخیرہ اندوزوں کو فیصلہ کن دھچکا پہنچایا ہے۔
    قصہ مختصر کہ بی جے پی کو معلوم ہے کہ مثبت ایجنڈہ پر وہ انتخابات جیت نہیں سکتی ہے۔ مگر اس کے سامنے مشکل ہے کہ دو اہم ایشوز یعنی گائے اور پاکستان کو وہ 2014 اور 2019 میں بھنا چکی ہے۔ اب لے دے کے 2024 کے لیے مسلمان بچا ہے۔ ابھی تک آس تھی کہ شاید اس بار بی جے پی ترقی اور مثبت ایجنڈہ کو لے کر میدان میں اترے گی، کیونکہ مسلمان والا ایشو حال ہی میں کرناٹک کے صوبائی انتخابات میں پٹ گیا تھا، جہاں ٹیپو سلطان سے لے کر حجاب وغیرہ کو ایشو بنایا گیا تھا۔
    جب مودی نے کئی انتہا پسند لیڈروں کو اس بار ٹکٹ نہیں دیا، تو لگا کہ خلیجی مسلم ممالک کے ساتھ اپنے رشتوں کی وجہ سے وہ اپنی اور اپنی پارٹی کی شبیہہ کو تبدیل کرنے کے خواہاں ہیں۔ مگر ابھی راجستھان میں جس طرح کی زبان انہوں نے خود استعمال کی اور مسلمانوں کے خلاف ہرزہ سرائی کی ہے اس سے تو یہ طے ہوگیا کہ 2024 کے ترقی یافتہ ہندوستان کا یہ الیکشن پولرائزیشن اور مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلا کر ہی لڑا جائے گا۔ اس سے یہ بھی صاف ہو جاتا ہے کہ ابھی تک جن علاقوں میں پولنگ ہوئی ہے، وہ ان کے توقعات کے برعکس ہوئی ہے۔ اس لیے اب ان کو لگتا ہے کہ ہندو ووٹروں کو خوف کی نفسیات میں مبتلا کرکے ہی ان کے ووٹ بٹورے جاسکتے ہیں۔ ورنہ بی جے پی کے انتخابی منشور کے نعرہ مودی کی گارنٹی کی کوئی گارنٹی نہیں ہے۔

  • رام دیو کے گمراہ کن دعوے- سپریم کورٹ کا انتباہ

    رام دیو کے گمراہ کن دعوے- سپریم کورٹ کا انتباہ

    ابوظفر عادل اعظمی

    گزشتہ ایک دہائی سے زیادہ عرصہ تک یوگا سکھانے سے لے کر کورونا کی دوا بنانے کا دعویٰ کرنے اور اس سے قبل یوپی اے کی حکومت پر بدعنوانی کا الزام لگاکر سرخیاں بٹورنے والے بابا رام دیو ایک بار سرخیوں میں ہیں۔ پچھلے کئی ہفتوں سے لگاتار رام دیو اور ان کے کاروباری شریک بال کرشن پر سپریم کورٹ کا عتاب جاری ہے۔رام دیو کی حرکتوں کی وجہ سے سپریم کورٹ کا غصہ اتنا شدید ہے کہ تادم تحریر کئی تاریخوں پر کورٹ کی دو رکنی بنچ نے ان کی بلاشرط معافی کی درخواست کو بھی قبول کرنے سے انکار کردیا۔ سپریم کورٹ نے سنگین نتائج کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ رام دیو اور بال کرشن کی معافی کی درخواست محض زبانی جمع خرچ ہے اور انہوں نے پورے ملک کو دھوکا دیا ہے۔
    معاملہ کیا ہے؟
    فروری 2021 میں ملک میں کورونا کی دوسری لہر آنے سے ٹھیک پہلے رام دیو نے ایک پریس کانفرنس میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ ان کی کمپنی پتنجلی نے کورونل نامی ایک ایسی دوا ایجاد کی ہے جس سے کورونا کا علاج کیا جاسکتا ہے ۔ رام دیو کا یہ بھی دعویٰ تھا یہ کہ کورونا کی پہلی ثبوت پر مبنی دوا ہے۔ دوا کی افتتاحی پریس کانفرنس میں رام دیو کے ساتھ اس وقت کے مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن اور کابینی وزیر نتن گڈکری بھی شریک تھے۔ کورونل کے بارے میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ اس کو بنانے کا سرٹیفکٹ لیا گیا ہے اور اس کو عالمی ادارہ صحت ورلڈ ہیلتھ آرگنائیزیشن نے بھی تسلیم کیا ہے۔ حالاں کہ ڈبلیوایچ او نے اس بات کی تردید کی کہ اس نے اس طرح کی کسی بھی ددا کا جائزہ لیا ہے یا اس کی تصدیق کی ہے۔
    اس کے چند مہینے بعد رام دیو کا ایک ویڈیو وائرل ہوا، جس میں انہیں یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ ایلوپیتھی ایک "احمقانہ اور دیوالیہ سائنس” ہے جو "لاکھوں لوگوں کی موت کی ذمہ دار ہے”۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی جدید دوا کورونا کا علاج نہیں کر پارہی ہے۔ڈاکٹروں بالخصوص ایلوپیتھی ڈاکٹروں کی طرف سے اس بیان پر کافی غصہ کا اظہار کیا گیا اور ڈاکٹروں کی کل ہند تنظیم آل انڈیا میڈیکل ایسو سی ایشن (آئی ایم اے) نے رام دیو کو قانونی نوٹس بھیج کر معافی مانگنے اور بیانات واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ اس نے ایک بیان میں مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن سے اپیل کی کہ وہ رام دیو کے خلاف وبائی امراض ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کریں۔ اس معاملہ پر کافی ہنگامہ ہونے کے بعد پتنجلی یوگ پیٹھ نے وضاحت کہ رام دیو صرف واٹس ایپ پر موصول ایک پیغام کے کچھ حصے پڑھ رہے تھے ، وہ جدید سائنس کے خلاف نہیں ہیں۔ آئی ایم اے نے کورونل کا وزیر صحت کی موجودگی میں افتتاح اور اس کے لئے ڈبلیو ایچ او کے سرٹیفیکیشن کے "مضحکہ خیز جھوٹ” پر بھی اپنے غم وغصہ کا اظہار کیا اور اس پر وزیر صحت سے ملک کے سامنے وضاحت دینے کا بھی مطالبہ کیا۔
    اگست 2022 میں آئی ایم اے نے پتنجلی کے خلاف سپریم کورٹ میں گمراہ کن اشتہارات شائع کرنے کے خلاف ایک عرضی دائر کی ۔ پتنجلی نے اخبارات میں
    Misconceptions Spread By Allopathy: Save Yourself And The Country From The Misconceptions Spread By Pharma And Medical Industry
    کے عنوان سے ایک اشتہار شائع کرایا تھا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایلوپیتھی بہت ساری بیماریوں جیسے ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس، تھائیرائیڈ اور گٹھیا وغیرہ کا شافی علاج کرنے میں ناکام ہے جب کہ پتنجلی نے ایسی متعدد بیماریوں کا شافی علاج کیا ہے۔اشتہار میں لوگوں سے یہ بھی اپیل کی گی تھی کہ فارما اور میڈیکل انڈسٹری کے ذریعے پھیلائی گئی غلط فہمیوں سے اپنے آپ کو اور ملک کو بچائیں۔
    آئی ایم اے نے اپنی عرضی میں جدید ادویات کے بارے میں رام دیو کے پہلے ریمارکس کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ "غلط معلومات کا مسلسل،منظم اور بلا روک ٹوک پھیلاؤ” پتنجلی کی مصنوعات کے استعمال کے ذریعے بعض بیماریوں کے علاج کے بارے میں جھوٹے اور بے بنیاد دعوے کے ساتھ جاری ہے۔آئی ایم اے کا کہنا تھا کہ منشیات اور دیگر جادوئی علاج کے خلاف قانون(The Drugs and Magic Remedies (Objectionable Advertisements) Act, 1954) اس طرح کے دعوؤں کے خلاف قد غن لگاتا ہے اور مذکورہ اشتہار گمراہ کن ہے، جس پر کاروائی ضروری ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ قانون کی رو سے گمراہ کن اشتہار شائع کرنے کی سزا چھ ماہ سے ایک سال تک ہو سکتی ہے اور جرمانہ بھی لگایا جاسکتا ہے۔اس کے علاوہ صارفین کے حقوق سے متعلق بھی قوانین ہیں جس میں اس طرح کے اشتہارات پر بھاری جرمانہ اور قید ہوسکتی ہے۔
    21,نومبر 2023 کوجب یہ معاملہ سپریم کورٹ میں آیا تو کورٹ نے پتنجلی کو ان دعووں کے خلاف خبردار کیا کہ اس کی مصنوعات ذیا بیطس اور ہائی بلڈ پریشر جیسی بیماریوں کا مکمل علاج کر سکتی ہیں اور کہا کہ اس کے ہر ایک پروڈکٹ پر ایک ایک کروڑ کا جرمانہ لگایا جاسکتا ہے ۔پتنجلی کی طرف سے سینئر ایڈوکیٹ ساجن پوویہ نے سپریم کورٹ میں یہ یقین دہانی کرائی کہ کسی بھی قانون کی خلاف ورزی نہیں ہوگی۔ بالخصوص پتنجلی کے ذریعہ تیار کردہ اور مارکیٹنگ کی جانے والی مصنوعات کی تشہیر یا برانڈنگ سے متعلق۔ اور دواؤں کی افادیت کا دعوی کرنے والے یا کسی کے خلاف کوئی بیان میڈیا کو کسی بھی شکل میں جاری نہیں کیا جائے گا ۔سپریم کورٹ نے یہ بھی واضح کیا کہ پتنجلی کے خلاف کسی اور کورٹ میں زیرسماعت کوئی مقدمہ جاری رہے گا اور اس پر کوئی امتناع عائد نہیں ہوگا۔
    27,فروری کو اگلی سماعت میں آئی ایم اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پتنجلی کی طرف سے گزشتہ تاریخ کو عدالت میں جو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ اس طرح کا نہ تو کوئی اشتہار شائع کیا جائے اور نہ ہی بیان دیا جائے گا، پر عمل نہیں کیا گیا اور اس یقین دہانی کے دوسرے ہی دن یعنی 22,نومبر کو رام دیو نے ایک پریس کانفرنس کی۔ وکیل نے عدالت کو پریس کانفرنس کی ویڈیو کا یو ٹیوب لنک اور اس کی خبر پر مشتمل اخبار کا تراشہ بھی فراہم کیا۔ اس کے علاوہ سپریم کورٹ کو نامعلوم فرد کی جانب سے ایک خط بھی موصول ہوا جس میں 21, نومبر کے عدالت کے حکم نامہ کے بعد اشتہار شائع کرنے اور پریس کانفرنس کرنے کا ثبوت فراہم کیا گیا تھا۔ عدالت نے اس خط کو بھی اپنی کاروائی میں شامل کیا اور کہا کہ پتنجلی نے عدالت میں اپنی یقین دہانی کی صریح خلاف ورزی کی ہے۔ سپریم کورٹ نے رام دیو اور بال کرشن کو نوٹس بھی جاری کردیا اور دو ہفتے میں جواب مانگا کہ کیوں نہ ان کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ چلایا جائے۔
    بال کرشن کے خلاف توہین عدالت کی نوٹس27, فروری کو جاری کی گئی۔ ان کے وکیل نے خود سپریم کورٹ سے اس کا جواب دینے کے لیے دو ہفتے کا وقت مانگا لیکن جب 19, مارچ کو معاملہ دوبارہ سماعت کے لیے آیا تو کورٹ کو بڑی حیرت ہوئی کہ اس وقت تک نوٹس کا کوئی جواب جمع نہیں کرایا گیا تھا۔سپریم کورٹ نے رام دیو کو بھی اسی طرح کا نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کو اور بال کرشن کو اگلی سماعت پر بذات خود عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔ ان کے وکیل مکل روہتگی نے عدالت کو یقین دلایا کہ ان کی طرف سے جواب تیار ہے جو اسی دن عدالت میں جمع کردیا جائے گا۔
    اگلی سماعت دو اپریل کو ہوئی جس میں رام دیو اور بال کرشن سپریم کورٹ میں پیش ہوئے لیکن پھر بھی رام دیو کی طرف سے عدالت میں نوٹس کا جواب جمع نہیں کرایا گیا تھا۔عدالت نے بال کرشن کی طرف سے جمع کئے گئے جواب کو ناکافی کہہ کر تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔ ان کے وکلا ء نے کہا کہ تفصیلی جواب تیار ہے اور وہ شام تک جمع کرادیا جائے گا ۔ کورٹ نے ان کو ایک ہفتہ کا آخری موقع دیا۔ عدالت نے دونوں کو اگلی سماعت کے دوران پیش ہونے کا حکم دیا۔
    اگلی سماعت 10 اپریل کو ہوئی۔ پتنجلی، رام دیو اور بال کرشن کے وکیل مکل روہتگی نے عدالت سے کہا کہ انہوں نے جواب جمع کردیا ہے اور 21 نومبر کو عدالت کے فیصلہ کی حکم عدولی کے لئے معافی مانگتے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ شروع سے پورے معاملے کو دیکھنے کے بعد عدالت اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ وہ اس معافی کی درخواست کو قبول نہیں کرسکتی۔ عدالت نے یہ بھی کہا جب رام دیو اور بال کرشن سے اس کے روبرو پیش ہونے کو کہا گیا تو اس میں بھی انہوں نے آنا کانی کی اور کہا کہ عدالت میں حاضر نہیں ہوسکتے کیوں کہ ان کو بیرون ملک کاسفر درپیش ہے۔عدالت نے کہا کہ ان لوگوں نے بیان حلفی اور عدالت میں حاضر نہ ہونے کی درخواست جمع کرائی ہے جس میں بیرون ملک سفر کا ٹکٹ بھی شامل ہے ۔ لیکن بیان حلفی پر 30 مارچ کی تاریخ درج ہے جب کہ ٹکٹ 31 مارچ کو جاری کیا گیا ہے۔عدالت کے بقول یہ دونوں لوگ عدالتی کاروائی سے فرار کے لیے ایسا کررہے تھے۔
    بالآخر 22, اپریل کو پتنجلی نے اخبارات میں ایک چھوٹا سا معافی نامہ شائع کیا اور 23 اپریل کی سماعت میں عدالت کو اس کے بار ے میں جانکاری دی۔ جسٹس ہیما کولی نے رام دیو اور بال کرشن کے وکیل مکل روہتگی سے پوچھا کہ کیا اخبارات میں شائع معافی نامہ اتنا ہی بڑا ہے جتنا کہ اشتہار تھا؟ عدالت نے پورے معافی نامہ کو ریکارڈ پر نہ لانے پر ناراضگی کا بھی اظہار کیا ۔ مکل روہتگی نے جواب دیا کہ یہ معافی نامہ 67 اخبارات میں شائع ہوا ہے جس میں دسیوں لاکھ خرچ ہوئے ہیں۔ جسٹس ہیما کوہلی نے اسفتسار کیا کہ کیا اس پر اتنا ہی پیسہ خرچ کیا گیا ہے جتنا کہ اشتہار پر کیا گیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا معافی نامہ کو اخبار سے نکال کر عدالت میں پیش کریں۔ عدالت اس کی سائز دیکھنا چاہتی ہے۔ ایسا نہ ہو کہ عدالت کو اسے خوردبین سے دیکھنا پڑے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ معافی نامہ کی سائز کو فوٹو کاپی کے ذریعہ بڑا کرنے سے عدالت متاثر ہونے والی نہیں ہے۔
    سپریم کورٹ کو غصہ کیوں آیا؟
    واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں یہ معاملہ 2022 میں آیا تھا لیکن اس کی باقاعدہ سماعت گزشتہ سال نومبر سے شروع ہوئی۔ لیکن رام دیو، بال کرشن ودیگر کا رویہ اول روز سے اچھا نہیں تھا۔ پہلے تو انہوں نے اس کو سنجیدگی سے نہیں لیا اور لگاتار ایسی حرکتیں کی جو سپریم کورٹ کی برہمی کا سبب بنیں ۔ مثا ل کے طور پر عدالت کی نوٹس کا نہ تو بروقت جواب دیا گیااور نہ ہی عدالت سے مزید مہلت کی درخواست کی گئی۔ عدالت نے جب اپنا رخ سخت کیا اور دونوں کو ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم دیا تو بہانہ بنایا کہ ان کو بیرون ملک کا سفر درپیش ہے اور عدالت میں آنے سے آنا کانی کی۔ جب کہ عدالت نے اپنے فیصلہ میں لکھا ہے کہ نوٹس ملنے، بیان حلفی بنوانے کے بعد ٹکٹ خریدا گیا۔ عدالت نے یہ بھی نوٹس کیا کہ رام دیو اور بال کرشن نے معافی کورٹ کے پاس جمع کرانے سے پہلے میڈیا کو دی۔ یعنی وہ پبلسٹی پر زیادہ یقین رکھتے ہیں اور سنجیدہ نہیں ہیں۔ سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا کہ معافی صرف کاغذ پر ہے اور یہ صرف عدالتی کاروائی سے بچنے کے لئے مانگی جارہی ہے۔ ایک موقع پر کورٹ نے اتراکھنڈ کے لائسسنسگ اتھارٹی کے وکیل سے پوچھا کہ ان تمام گمنام لوگوں کا کیا ہوگا جنہوں نے پتنجلی کی ان دوائیوں کا استعمال کیا ہے جو ایسی بیماریوں کے علاج کے لیے بیان کی گئی ہیں جن کا علاج نہیں کیا جا سکتا؟ کورٹ نے یہ بھی کہا کہ اتھارٹی اور پتنجلی کی ملی بھگت سے یہ سارا کھیل کھیلا گیا ہے۔
    آئی ایم اے نے اپنی عرضی میں مرکزی وزارت آیوش اور وزارت صحت کے علاوہ ایڈورٹائزنگ اسٹینڈرڈس کونسل آف انڈیااور سینٹرل کنزیومر پروٹیکشن اتھارٹی کو بھی فریق بنایا ہے۔ اس کے علاوہ چوں کہ پتنجلی کا صدر دفتر ہری دوار اتراکھنڈ میں واقع ہے اس لیے اتراکھنڈ کی ریاستی لائسنسنگ اتھارٹی بھی اس معاملے میں فریق ہے۔ سپریم کورٹ نے 21, نومبر کی سماعت میں مرکزی حکومت کے وکیل کو اس پورے معاملے میں حکومت نے عدالت کے حکم کو نافذ کرنے کے لئےکیا اقدامات کیے کو واضح کرنے کے لئے بیان حلفی جمع کرنے کا حکم دیا تھا۔ لیکن 27فروری کو جب یہ معاملہ دوبارہ سماعت کے لئے آیا تو سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کی طرف سے جمع بیان حلفی کو ناکافی قرار دیا اور اس بیان حلفی کو واپس لےکر دوبارہ ایک تفصیلی بیان حلفی جمع کرنے کا حکم دیا۔ لیکن 19, مارچ کو جب دوبارہ یہ معاملہ زیر سماعت آیا توسپریم کورٹ نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے حلف نامہ ریکارڈ پر نہیں تھا کیوں کہ وہ ایک دن قبل شام کو ہی جمع کرایا گیا تھا۔ عدالت نے یہ ایک بار پھر مرکزی حکومت کو دو ہفتے کا وقت دیا اور کہا کہ حلف نامہ جمع کراکے سارے فریقین کو دیا جائے بصورت دیگر اگلی سماعت پر عدالت اس پر مناسب فیصلہ کرنے کی مجاز ہوگی۔
    اسی طرح دو اپریل کو عدالت نے اتراکھنڈ کی ریاستی لائسنسنگ اتھارٹی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ عدالت نے اتھارٹی کے کام کاج کے طریقہ پر متعدد سوال کھڑے کرتے ہوئے ایک ہفتہ کے اندر جواب مانگا۔ اگلی سماعت پر عدالت نے یہ بھی نوٹ کیا کہ اتراکھنڈ کی ریاستی لائسنسنگ اتھارٹی نے گمراہ کن اشتہارات پر قدغن لگانے کے لیے کچھ نہیں کیا بلکہ صرف وہ دوسروں کو مورد الزام ٹھہراتی رہی۔ عدالت نے کہا کہ 2018 میں ہی اتھارٹی کو گمراہ کن اشتہارات کے بارے میں اطلاع مل گئی تھی لیکن اس کے بعد اس کے اہلکار گہری نیند میں رہے۔ عدالت نے 2018 سے لے کر اب تک کے سارے افسران کو حلف نامہ جمع کرنے کی ہدایت دی جس میں پتنجلی کے ذریعہ گمراہ کن اشتہارات پر کاروائی کی تفصیل دینے کا حکم صادر کیا۔
    واقعہ یہ ہے کہ ورزش اور علاج کی آڑ میں یہ کھیل تقریبا پچھلی دو دہائیوں سے جاری ہے۔ اس کھیل میں حکومت،مختلف سیاسی پارٹیاں ، بیوروکریسی اور میڈیا سب شامل رہے ہیں۔ رام دیو نے یوگا کی وجہ سے کافی لوگوں کو اپنا ہم نوا بنایا ہے اور بی جے پی جیسی پارٹیوں نے سیاسی فوائد کے لئے ہمیشہ ان کی حمایت کی۔ رام دیو کی کمپنی سے بی جے پی کو کافی چندہ بھی ملتا رہا ہے۔ نتیجے کے طور پر ان کی کمپنی کے پروڈکٹس جھوٹے دعوؤں کے ساتھ بکتے اور پھلتے پھولتے رہےاور قانون کا مذاق اڑایا جاتا رہا۔ 2014 میں مرکز میں بی جے پی حکومت کے آنے کے بعد یہ کاروباربنا کسی روک ٹوک کے گویا سرکاری سرپرستی میں آگے بڑھا۔حد تو اس وقت ہوگئی جب کورونل کی افتتاحی پریس کانفرنس میں اس وقت کے وزیر صحت ہرش وردھن، جو کہ خود ایک ڈاکٹر ہیں اور وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری بھی شریک رہے۔ گویا کورونل کو پوری طرح سے حکومتی سرپرستی حاصل رہی۔
    میڈیا نے بھی اس کی خوب پذیرائی کی۔ اس کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ پتنجلی کی طرف سے ان کو لاکھوں کا اشتہار ملتا تھا دوسرے میڈیا کا وہ طبقہ جس کے لئے گودی میڈیا کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے، اس نے پتنجلی اور رام دیو کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ اشتہار کے علاوہ میڈیا کے اس طبقہ نے کورونل کو دوا اور ویکسین کے طور پر متعارف کیا،جس پر حکومت نے کوئی ایکشن نہیں لیا اور غالبا یہ ابھی سپریم کورٹ کی نوٹس میں نہیں آیا ہے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ رام دیو کا غرور آسمان کو چھونے لگا اور انہوں نے دوسری پیتھیوں خاص طور پر ایلوپیتھ کے خلاف اناپ شناپ بکنا شروع کیا۔آئی ایم اے نے حکومت سے اس طرح کے پرو پیگنڈہ کو روکنے کی درخواست کی، لیکن حکومت کوئی ایکشن لینے میں ناکام رہی تب آئی ایم اے نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکٹایا۔ حالاں کہ یہ انتہائی سنجیدہ ایشو تھا کیوں کہ اس سے لاکھوں کروڑوں لوگوں کی صحت کا سوال جڑا ہوا تھا لیکن حکومت نے اس پر کوئی خاطر خواہ ایکشن نہیں لیا۔ بہر حال پاپ کا گھڑا یک دن پھوٹنا تھا۔ سپریم کورٹ میں کاروائی جاری ہے۔ رام دیو اور بال کرشن کے علاوہ سپریم کورٹ نے سرکاری مشینری پر بھی سخت سوال کھڑے کیے ہیں ۔ امید ہے کہ کورٹ کے اس سخت رویہ کے بعد کروڑوں ہندوستانیوں کی صحت اور جان سے کھلواڑ رک جائے گا اور خاطیوں کو قرار واقعی سزا ملے گی۔

  • کیجریوال کی گرفتاری – ممکنہ نتائج

    کیجریوال کی گرفتاری – ممکنہ نتائج

    سہیل انجم

    پہلے دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا پھر عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ اور اس کے بعد وزیر اعلیٰ اروند کیجری والی کی گرفتاری نے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ کیوں کہ عام آدمی پارٹی کے علاوہ تجزیہ کاروں اور مبصروں کا بھی یہی خیال ہے کہ یہ گرفتاریاں سیاسی بدنیتی کے تحت کی گئی ہیں اور ان کامقصد عام آدمی پارٹی کو کمزور کرنا اور عام انتخابات میں اسے نقصان پہنچانا ہے۔ عام آدمی پارٹی کا تو یہاں تک الزام ہے کہ مودی حکومت دہلی میں اس کی حکومت کا تختہ پلٹ کر خود اس پر قابض ہونا چاہتی ہے۔ پارٹی کے رہنماؤں کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ حکومت پارٹی کو ہی صفحۂ ہستی سے مٹا دینا چاہتی ہے۔ اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ بی جے پی اس سے خطرہ محسوس کرتی ہے اور یہ سمجھتی ہے کہ اگر اس کے قافلے کو نہیں روکا گیا تو وہ اس کے راستے میں روڑہ بن جائے گی۔
    یہ بات بڑی حد تک سمجھ میں آتی ہے۔ کیوں کہ عام آدمی پارٹی نے صرف کانگریس کے ووٹ بینک پر ہی قبضہ نہیں کیا ہے بلکہ اس نے بی جے پی کے ووٹ بینک پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔ ورنہ دہلی میں بی جے پی کی پوزیشن پہلے بہت مضبوط تھی اور کئی بار اس کی حکومت بھی رہی ہے۔ بی جے پی کے اس اندیشے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ اروند کیجری وال اپنی پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے وہی حربے اختیار کر رہے ہیں جو بی جے پی اختیار کرتی آئی ہے۔ یعنی ہندوتو کی سیاست کا حربہ۔ گویا عام آدمی پارٹی نے بی جے پی کو اسی کے ہتھیار سے شکست دینے کا فیصلہ کر لیا جس میں وہ بڑی حد تک کامیاب بھی ہے۔ اس نے دہلی کے بعد پنجاب پر قبضہ کر لیا اور وہاں اس کی حکومت بن گئی۔ بی جے پی کے گڑھ گجرات اور گوا میں بھی اس کے اثر و رسوخ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ بعض دیگر ریاستوں میں بھی اس نے اپنی پہنچ بنائی ہے۔
    ا س ملک میں متعدد علاقائی پارٹیاں ہیں جن میں سے کچھ ہی قومی پارٹی کا درجہ رکھتی ہیں۔ جب کہ 2012 میں جنم لینے والی جماعت عام آدمی پارٹی اپنے ووٹ شیئر کی بنیاد پر قومی پارٹی بن گئی ہے۔ ان تمام حالات نے بی جے پی کو مجبور کیا کہ وہ اس کا راستہ روکے اور اپنے لیے مستقبل میں بننے والے ایک خطرے کو پہلے ہی جڑ سے ختم کر دے۔ مبصرین کا خیال ہے کہ اسی لیے اس کے کئی رہنماؤں کو گرفتار کیاگیا ہے۔ سابق وزیر صحت ستیندر جین تو ایک عرصے سے جیل میں ہیں۔ منیش سسودیا ایک سال سے زائد عرصے سے جیل میں بند ہیں۔ سنجے سنگھ کو چھ ماہ کے بعد ضمانت مل گئی۔ وزیر اعلیٰ اروند کیجری وال کو منی لانڈرنگ کی روک تھام کے ادارے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ یعنی ای ڈی نے 21 مارچ کو گرفتار کر لیا اور عدالتیں سسودیا اور کیجری وال کی ضمانتیں منظور نہیں کر رہی ہیں۔ جب کہ عام آدمی پارٹی کا دعویٰ ہے کہ ای ڈی نے شراب پالیسی کیس میں رشوت ستانی کے جس الزام کے تحت کیجری وال اور سسودیا کو گرفتار کیا ہے اس میں کوئی صداقت نہیں ہے اور ای ڈی ایک پیسہ بھی ان دونوں کے یہاں سے برآمد نہیں کر سکی ہے۔ بلکہ اس کے برعکس پیسے کا لین دین بی جے پی نے کیا ہے۔
    بہرحال ان رہنماؤں کی گرفتاری کے اسباب حقیقی ہیں یا واقعی ان کو سیاسی وجوہات کی بنا پر گرفتار کیا گیا ہے یہ بحث کا ایک الگ موضوع ہے۔ سردست اس کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے کہ ان گرفتاریوں اور خاص کر کیجری وال کی گرفتاری کے عام آدمی پارٹی کی انتخابی مہم پر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔ بعض تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ حکومت نے سوچا کہ یہ اچھا موقع ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے موقع پر ہی عام آدمی پارٹی کے رہنماؤں کو گرفتار کر لیا جائے تاکہ وہ انتخابی مہم ہی نہ چلا سکیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اروند کیجری وال عوام کے ایک بڑے حلقے میں مقبول ہیں۔ ان کی پارٹی کرپشن کے خلاف اٹھنے والی تحریک کے بطن سے پیدا ہوئی ہے۔ کیجری وال یہ کہتے ہوئے سیاست میں آئے تھے کہ وہ ملک کی موجودہ سیاست کو بدلنا چاہتے ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ ان پر دہلی شراب پالیسی میں رشوت ستانی کے الزام کی وجہ سے ان کے اس دعوے کو دھچکہ لگا ہے اور بہت سے لوگ بالخصوص بی جے پی اور اس سے متاثر افراد کہنے لگے ہیں کہ کیجری وال کا وہ دعویٰ غلط تھا کیوں کہ وہ خود اسی کرپشن کے دلدل میں دھنس گئے ہیں جس کو ختم کرنے کے لیے وہ سیاست میں آئے تھے۔ یہ ان کے خلاف ایک بے بنیاد پروپیگنڈہ بھی ہو سکتا ہے۔ لیکن بہرحال اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ اب بھی ایک مقبول سیاست داں ہیں اور بہت سے لوگ ان کی باتوں پر یقین کرتے ہیں۔ انھوں نے گجرات، گوا، پنجاب اور دہلی میں جب بھی کوئی پروگرام کیا تو اس میں لوگوں کی کافی بھیڑ اکٹھی ہوئی۔
    اس وقت لوک سبھا کے لیے انتخابی مہم چل رہی ہے اور بی جے پی زور شور سے پرچار میں مصروف ہے۔ کانگریس سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد ’’انڈیا‘‘ کی مہم بھی جاری ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ بی جے پی کے مقابلے میں دوسری تمام پارٹیوں کی مہم ہلکی ہے۔ اس کی متعدد وجوہات ہیں۔ ادھر عام آدمی پارٹی کو بھی جس شدومد کے ساتھ انتخابی مہم چلانی چاہیےتھی وہ نہیں چلا پا رہی ہے۔ انتخابی مہم چلانے اور عوام کو اپنی جانب راغب کرنے کے لیے جہاں بہت سے وسائل کی ضرورت ہوتی ہے وہیں ایک کرشماتی قائد کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ لیکن عام آدمی پارٹی میں اس وقت کوئی کرشماتی قائد نہیں رہ گیا ہے۔ کیجری وال اور سسودیا اندر ہیں۔ اگر کیجری وال باہر ہوتے تو عام آدمی پارٹی کی انتخابی مہم کا رنگ کچھ اور ہوتا۔ لے دے کے سنجے سنگھ ہیں جو حکومت کے خلاف برسرپیکار ہیں۔ پارٹی کے باقی لیڈروں کو نہ تو کجری وال کی طرح مقبولیت حاصل ہے اور نہ ہی وہ تقریری صلاحیتوں سے اس طرح لیس ہیں۔ دہلی کے وزرا سوربھ بھاردواج اور آتشی پارٹی کی سرگرمیاں چلا رہے ہیں۔ لیکن ان کو حکومت کا کام کاج بھی دیکھنا ہے۔ راگھو چڈھا شادی کے بعد سے لاپتہ ہیں۔ شاید ان کو بھی گرفتاری کا ڈر ستا رہا ہوگا جس کی وجہ سے وہ سیاسی منظرنامے سے غائب ہیں۔
    عام آدمی پارٹی کو اصل محنت دہلی اور پنجاب میں کرنی ہے۔ دہلی میں 25 مئی کو پولنگ ہونی ہے۔ یہاں عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے درمیان اتحاد ہے۔ یہاں لوک سبھا کی سات نشستیں ہیں۔ عام آدمی پارٹی چار پر اور کانگریس تین پر الیکشن لڑ رہی ہے۔ حالانکہ نگریس میں عام آدمی پارٹی کے ساتھ اتحاد کے سلسلے میں اختلاف رائے رہا ہے۔ ایک گروپ اس سے ہاتھ ملانے کے حق میں تھا تو دوسرا گروپ مخالف۔ بہرحال دونوں میں انتخابی اتحاد ہو گیا۔ چوں کہ ابھی دہلی میں پولنگ میں وقت ہے اس لیے کوئی خاص مہم نہیں چل رہی ہے۔ کانگریس کو عام آدمی پارٹی کے مقابلے کم محنت کرنی ہے کیوں کہ اسے تین ہی حلقے ملے ہیں۔ جب کہ عام آدمی پارٹی کو اس کے مقابلے میں زیادہ محنت کرنی ہے۔ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ کیجری وال کی گرفتاری کا پارٹی کی انتخابی مہم پر اثر پڑے گا اور وہ جس شدت کے ساتھ پرچار کرنا چاہتی تھی نہیں کر پائے گی۔ حکومت بھی یہی چاہتی ہے۔ عام آدمی پارٹی کے پاس لیڈروں کی کمی ہے۔ یوں تو متعدد لیڈرس ہیں لیکن عوام جن چہروں کو پہچانتے ہیں ان کی تعداد کم ہے۔ لے دے کر سوربھ بھاردواج، سنجے سنگھ، آتشی، گوپال رائے، راگھو چڈھا وغیرہ ہی ہیں۔ دہلی حکومت کے ایک وزیر راج کمار چوہان نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ عام آدمی پارٹی کا الزام ہے کہ ایک سازش کے تحت اور دباؤ ڈلوا کر ان سے استعفیٰ لیا گیا۔ بہرحال حقیقت جو بھی ہو ان کے استعفے سے پارٹی کو کچھ نہ کچھ تو نقصان ہوگا ہی۔
    ادھر بی جے پی دہلی میں اپنا کھویا ہوا وقار واپس پاناچاہتی ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ اس کی مہم سب سے زیادہ تیز ہو۔ اس کے لیے یہ کام آسان ہے۔ اس کے پاس افرادی قوت بھی ہے، وسائل بھی ہیں اور حکومت کا ساتھ بھی ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اگلے کچھ دنوں میں دہلی میں وزیر اعظم سمیت بی جے پی کے دیگر رہنماؤں کی مہم شروع ہو جائے گی۔ اس کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران کیجری وال اور عام آدمی پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف الزامات کی جھڑی لگائی جائے گی۔ کیجری وال کو بدنام کرنے کے لیے اسی طرح جھوٹ کا سہارا لیا جا سکتا ہے جس طرح کانگریس کے خلاف جھوٹ کا سہارا لیا گیا ہے۔ بی جے پی مبینہ شراب اسکینڈل میں رشوت خوری کا ڈنکا بجائے گی اور کیجری وال کو ایک بدعنوان لیڈر اور عام آدمی پارٹی کو ایک بدعنوان پارٹی کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کرے گی۔ قارئین کو معلوم ہے کہ حکومت بی جے پی کو کامیاب کرانے کے لیے اپوزیشن رہنماؤں کو بدعنوان ثابت کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس کے لیے اس نے اپوزیشن لیڈروں کی گرفتاری کی مہم چلا رکھی ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ اگر کوئی بدعنوان لیڈر بی جے پی میں شامل ہو جائے تو اسے پاک صاف مان لیا جاتا ہے اور اس کے خلاف کارروائی بند کر دی جاتی ہے۔ اس لیے دہلی میں انتخابی مہم کے دوران جب بی جے پی عام آدمی پارٹی کو ایک بدعنوان پارٹی اور کیجری وال کو ایک بدعنوان لیڈر بنا کر پیش کرے گی تو اس کا جواب دینے کے لیے نہ تو کیجری وال ہوں گے اور نہ ہی منیش سسودیا۔ سسودیا بھلے ہی اندر رہتے لیکن اگر کیجری وال باہر ہوتے تو وہ نہ صرف یہ کہ بی جے پی کے پروپیگنڈے کی ہوا نکالتے بلکہ اس کی بدعنوانیوں کی کہانی بھی عوام کو سناتے۔ اس لیے کہا جا سکتا ہے کہ کیجری وال کی گرفتاری کا عام آدمی پارٹی کی انتخابی ہم پر منفی اثر پڑے گا۔
    پنجاب میں بھی یہی ہونے والا ہے۔ وہاں لوک سبھا کی 13 سیٹیں ہیں اور وہاں یکم جون کو یعنی بالکل آخری مرحلے میں پولنگ ہوگی۔ پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی حکومت ہے۔ اس نے کانگریس سے حکومت چھینی ہے۔ کانگریس سے پہلے وہاں بی جے پی اور اکالی دل کی مخلوط حکومت تھی۔ لیکن اب اکالی دل این ڈی اے سے الگ ہو گیا ہے جس کا نقصان بی جے پی کو ہونے والا ہے۔ بی جے پی کسی بھی قیمت پر پنجاب میں کامیاب ہونا چاہتی ہے۔ جب کہ عام آدمی پارٹی اپنی حکومت کا فائدہ آٹھاتے ہوئے زیادہ سے زیادہ نشستوں پر جیتنا چاہتی ہے۔ وہاں عام آدمی پارٹی اور کانگریس میں انتخابی اتحاد نہیں ہو سکا ہے۔ پنجاب کے وزیر علیٰ بھگونت مان گو کہ عوام میں مقبول ہیں لیکن اتنے نہیں جتنے کہ کیجری وال۔ وہاں عام آدمی پارٹی اور کانگریس کا ایک دوسرے کے مقابل کھڑا ہونا بھی بی جے پی کے حق میں جائے گا۔ بی جے پی کی جانب سے بھگونت مان کے خلاف الزامات کی جھڑی لگائی جائے گی بلکہ جس طرح کیجری وال کی کردار کشی کی جا رہی ہے اسی طرح ان کی بھی کی جائے گی۔ اب ان کی صلاحیتوں پر منحصر ہے کہ وہ بی جے پی کے پروپیگنڈے کا جواب کیسے دیتے ہیں۔
    مجموعی طور پر اگر دیکھا جائے تو بظاہر ایسا لگتا ہے کہ اروند کیجری وال کی گرفتاری سے عام آدمی پارٹی کی انتخابی مہم پر اثر پڑے گا اور جس زور شور سے اسے مہم چلانی چاہیے اس طرح نہیں چلا پائے گی۔ گویا حکومت عام آدمی پارٹی کو جو نقصان پہنچانا چاہتی تھی اس میں وہ کسی حد تک ضرور کامیاب ہو جائے گی۔ لیکن ایسا بھی دیکھا گیا ہے کہ بعض اوقات انتقامی حربے الٹے پڑ جاتے ہیں اور تلوار اپنے چلانے والے کا ہی گلا کاٹ دیتی ہے۔ اگر عام آدمی پارٹی انتخابی مہم میں خود کو مظلوم ثابت کرنے میں کامیاب ہو گئی اور یہ بات عوام کی سمجھ میں آگئی کہ سسودیا، کیجری وال اور دوسرے لیڈروں کو بغیر کسی ثبوت کے گرفتار کیا گیا ہے اور یہ گرفتاریاں سیاسی بدنیتی کے تحت ہیں تو اس کا بی جے پی پر لٹا اثر پڑ سکتا ہے اور عوام عام آدمی پارٹی کو ایک مظلوم پارٹی اور کیجری وال کو ایک مظلوم سیاست داں سمجھ کر ان کی حمایت کریں گے۔ اگر ایسا ہوا تو حکومت کا داؤ الٹا پڑ سکتا ہے اور بی جے پی کو فائدہ کے بجائے نقصان ہو سکتا ہے۔

  • عتیق اور اشرف کاقتل

    عتیق اور اشرف کاقتل

    مشتاق عامر

    ایسا لگتا ہے کہ یو پی میں مسلم سیاسی شخصیات کا منصوبہ بند طریقے سے خاتمہ کرنے کا تہیہ کر لیا گیا ہے۔ یہ سلسلہ ایک برس پہلے الہ آبادمیں عتیق احمد اور ان کے بھائی اشرف کے پولیس حراست میں قتل سے شروع ہوا تھا جو کہ اب دن بہ دن درازتر ہوتا جا رہا ہے۔ پانچ بار ایم ایل اے اور ایک بار رکن پارلیمنٹ رہے عتیق احمد اور ان کے بھائی سابق ایم ایل اے خالد عظیم اشرف کو پولیس حراست میں سر عام قتل کر دینے کے واقعے کو ایک برس بیت گیا ہے۔ عتیق اور اشرف کو گولی مار کر قتل کردینے والے تین نوجوانوں کو پولیس نے موقع پر ہی گرفتار کر لیا تھا۔ ایک برس گذرنے کے بعد ابھی تک عدالتی جانچ کی رپورٹ منظر عام پر نہیں لائی گئی ہے اور نہ ہی عدالت کی طرف سے قاتلوں پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
    گذشتہ سال 15 ؍ اپریل کورات ساڑھے آٹھ بجے الہ آباد کے گنجان علاقے میں واقع سرکاری کالون اسپتال کے باہر عتیق احمد اور ان کے بھائی اشرف کو اس وقت گولی مار کر قتل کر دیا گیا جب وہ سخت سکیورٹی کے درمیان میڈیکل چیک اپ کے لیے اسپتال لائے گئے تھے۔ تین نوجوانوں نے جو میڈیا پرسن کے بھیس میں تھے، عتیق احمد اور اشرف کو بالکل قریب سے گولی مار کر ہلاک کیا تھا۔ جس وقت عتیق احمد اور اشرف کو گولی ماری گئی دونوں بھائیوں کے ہاتھ ایک ہی ہتھکڑی میں بندھے ہوئے تھے۔ پرہجوم سڑک کے کنارے دونوں بھائیوں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ پولیس نے کسی مزاحمت کے بغیر ڈرامائی انداز میں تینوں نوجوانوں کو گرفتار کر لیا تھا۔ پولیس نے سنی سنگھ عرف موہت، لولیش تواری اور ارون موریا کو ان کی آٹو میٹک پستول کے ساتھ گرفتار کر کیا تھا۔ سڑک کے کنارے ہونے والی اس بڑی واردات کو لوگوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا تھا۔
    قتل کی وارادت نے پوری ریاست کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ قتل کے چند گھنٹے بعد ہی وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے معاملے کی عدالتی جانچ کرانے کا اعلان کر دیا۔ 17؍ اپریل 2023 کو یوگی آدتیہ ناتھ نے الہ آباد ہائی کورٹ کے جسٹس اروند کمار ترپاٹھی کی سر براہی میں تین رکنی جانچ کمیشن تشکیل دیا۔ اس جانچ کمیشن میں سابق ڈی جی ( انٹیلی جینس ) ایس کے سنگھ اور سابق ضلع جج برجیش کمار سونی کو بطور رکن نام زد کیا گیا۔ لیکن 7؍ مئی 2023 کو یوگی حکومت نے جانچ کمیشن میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے الہ آباد ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس ڈی بی بھونسلے کو جانچ کمیشن کا سربراہ مقرر کیا۔ جھار کھنڈ ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس ویرندر سنگھ کو جانچ کمیشن کا رکن نامزد کیا گیا۔ اس طرح جانچ کمیشن کے ارکان کی تعداد بڑھ کر پانچ ہوگئی۔ جانچ کمیشن نے نو مہینے تک عتیق احمد اور اشرف قتل معاملے کی تحقیقات کی۔ کمیشن نے کئی بار جائے واردات کامعائنہ کیا اور قتل کے منظر کو’’ ری کری ایٹ‘‘ کیا۔ درجنوں عینی شاہدین کے بیانات قلم بند کئے گئے۔ پولیس کی طرف سے جانچ کر رہی ایس ٹی ایف کی ٹیم سے بھی پوچھ گچھ کی۔ نو مہینے کی تفتیش کے بعد 18؍ جنوری 2023 کو عدالتی جانچ کمیشن نے اپنی رپورٹ یوگی حکومت کو سونپ دی۔ جانچ رپورٹ سونپے جانے کے تین ماہ بعد بھی یوگی حکومت نے اس رپورٹ کو جاری نہیں کیا ہے۔
    عتیق احمد اور اشرف قتل کے تینوں ملزمان یو پی کے چترکوٹ جیل میں بند ہیں۔ تینوں ملزموں کے جرم کو عدالت میں ثابت کرنے کی ذمہ داری یوگی حکومت کی ہے۔ لیکن حکومت کی طرف سے اس معاملے میں کسی طرح کی دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کیا جا رہاہے۔ اگرچہ اس معاملے میں ایس آئی ٹی نے تین مہینے کی اپنی جانچ کے بعد 13؍ جولائی 2023 کو 56؍ صفحات پر مشتمل چارج شیٹ اور تقریباً دو ہزار صفحات پر مشتمل کیس ڈائری ضلع عدالت میں داخل کر دی ہے۔ تاہم یو پی حکومت کی طرف سے عدالت میں پیروی کی پیش رفت سست روی کا شکار ہے۔ جانچ کمیشن کی رپورٹ کو ابھی تک عدالت میں پیش نہیں کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں یوگی حکومت کی تمام تر توجہ جیل میں بند قتل کے ملزموں کو سکیورٹی فراہم کرنے پر ہے۔ عتیق اور اشرف کے قتل کا ماسٹر مائنڈ سمجھے جانے والے سنی سنگھ اور اس کے دو ساتھی لولیش تیواری اور ارون موریا کی جیل کو دو بار تبدیل کیا جا چکا ہے۔ پہلے ان تینوں کو الہ آباد کی نینی سینٹرل جیل میں سخت سکیورٹی کے درمیان رکھا گیا تھا۔ اس کے بعد ان کو پرتاپ گڑھ جیل لے جایا گیا۔ لیکن یہاں ان کی سکیورٹی کو خطرہ بتاتے ہوئے چترکوٹ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ ملزموں کو جسمانی طور سے عدالت میں پیش کرنے کے بجائے ان کو جیل سے ویڈیوکانفرنسنگ کے ذریعے عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے۔ اس پیشی کے دوران قتل کے تینوں ملزم آسانی سے ضلع عدالت سے لمبی تاریخیں لینے میں کامیاب ہورہے ہیں۔ تینوں ملزموں نے ضلع عدالت سے درخواست کی ہے کہ قانونی مدد کے لیے ان کو وکیل فراہم کیا جائے۔ ملزموں نے عدالت سے وکیل مقرر کرنے اور سماعت کی تاریخ بڑھانے کی گزارش کی ہے۔ عدالت نے ان کی درخواست کومنظور کر لیا ہے۔ اب اس معاملے کی سماعت آئندہ 16؍اگست کو متوقع ہے۔
    عتیق اور اشرف کو پولیس حراست میں سر عام قتل کرنے والے سنی سنگھ، لولیش تواری اور ارون موریا کو میڈٖیا میں جس طرح پیش کیا جا رہا ہے اس سے میڈیا کی بددیا نتی واضح ہو تی ہے۔ میڈیا نے تینوں ملزموں کو ہیرو کی طرح پیش کیا ہے۔ ملزموں کے بارے میں میڈیا میں اس انداز سے خبریں دکھائی اور چھاپی گئیں جس سے لوگوں کے دلوں میں ان کے لیے ہمدردی پیدا ہو جائے۔ قتل کی واردات انجام دینے والے خاندان کے افراد کے بیان دکھا ئے جانے لگے۔ خبروں میں ان کی غریبی اور خاندانی شرافت کا پرچار کیا گیا۔ جب کہ قتل کو سرانجام دینے والے تینوں ملزموں کے مجرمانہ رکارڈ موجودہیں۔ تینوں کے خلاف کئی معاملوں میں مقدمات پہلے سے درج ہیں۔
    عتیق احمد اور اشرف کے قتل سے پہلے یوگی آدتیہ ناتھ نے اسمبلی اجلاس میں مافیاؤں کو مٹی میں ملا دینے کا اعلان کیا تھا۔ سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ کے اس بیان نے میڈیا کوگویا ایک ایجنڈا دے دیا۔ اس بیان کے بعد مافیا گیری کے نام پر مسلمانوں کو ٹارگیٹ کیا جانے لگا۔ 24 ؍فروری 2023 کو الہ آباد کے سلیم سرائے علاقے میں راجو پال قتل کیس کے اہم گواہ امیش پال کا سر عام قتل ہو جاتا ہے۔ اس قتل میں عتیق، اشرف سمیت عتیق کے تین بیٹوں عمر، علی اور اسد کو ملزم بنایا گیا۔ عتیق اور اشرف کے قتل سے دو دن پہلے یو پی ایس ٹی ایف نے جھانسی میں اسد کا انکاؤنٹر کر دیا۔ عتیق کا سب سے بڑا بیٹا عمر لکھنؤ جیل میں بند ہے۔ اس کے خلاف 3 مقدمات درج ہیں جب کہ علی پر 11؍مقدمات درج ہیں۔ علی نینی سینٹرل جیل میں بند ہے۔ اسد کے انکاؤنٹراور عتیق و اشرف کےسرعام قتل نے میڈیا میں ہیجانی کیفیت پیدا کر دی ہے۔ اس معاملے میں میڈیا کا نفرتی کردار ایک بار پھرکھل کر سامنے آگیا۔ ایک ہی ہتھکڑی میں بندھے ہوئے عتیق احمد اور اشرف کے قتل کو جب ٹی وی پر لائیو دکھایا گیا تو اسے پولیس حراست میں قتل نہیں بلکہ ایک مافیا کو مٹی میں ملانے کی یوگی حکومت کی حصولیابی کے طور پر دکھایاگیا۔
    عدالت میں عتیق اور اشرف کے قاتلوں کو سزا دلانے میں حکومت کی عدم دلچسپی اور عدالتی کمیشن کی جانچ رپورٹ کو منظر عام پر نہ لانے سے یوگی حکومت کی منشا ظاہر ہوتی ہے۔ یہ بات صحیح ہے کہ عتیق احمد اور خالد عظیم اشرف پر درجنوں قسم کے سنگین مقدمات درج تھے۔ ان میں بعض مقدمات کی سماعت آخری مرحلے میں تھی۔ کچھ معاملوں میں ان کو سزا بھی سنائی جا چکی تھی۔ سزا سنائے جانے کے بعد تو عتیق احمد کا سیاسی کیرئیر تقریباًختم ہو چکا تھا۔ لیکن پولیس حراست میں ان کے قتل کو کسی بھی طرح درست نہیں قرار دیا جا سکتا۔ یہ صریح طور سے ماورائے عدالت قتل کا معاملہ ہے۔ ان کے قتل نے ایسے سوالوں کو جنم دے دیا ہے جس کا جواب لازماً دیا جانا چاہئے۔
    عتیق احمد پہلی بار 1989 میں الہ آباد شہر کے مغربی حلقے سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ اس حلقے سے وہ لگاتار پانچ بار ایم ایل اے رہے۔ عتیق احمد نے زیادہ تر انتخابات آزاد امید وار کی حیثیت سے جیتے۔ 2004 میں عتیق احمد نے سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ پر پھولپور پارلیمانی حلقے سے لوک سبھا کی سیٹ سے اپنی جیت درج کرائی۔ لیکن 2007 میں الہ آباد میں بہوجن سماج پارٹی کے ایم ایل اے راجو پال کے قتل کے واقعے کے بعد عتیق احمد اور ان کے بھائی خالد عظیم اشرف کے سیاسی زوال کی شروعات ہوئی۔ راجو پال کے قتل کا الزام دونوں بھائیوں پر لگا۔ اس وقت یو پی میں مایا وتی کی حکومت نے عتیق احمد کو موسٹ وانٹیڈکریمنل قرار دیا۔ در اصل مایا وتی حکومت نے ہی سب سے پہلے عتیق احمد پر اپنا شکنجا کسا تھا۔ دہلی سے عتیق احمد کی گرفتاری ہوئی۔ اس بعد سے وہ زیادہ تر جیل میں ہی رہے۔ عتیق احمد کے جیل جانے کے بعد سماج وادی پارٹی نے بھی ان سے دور ی بنانی شروع کر دی۔ اکھلیش یادوکے پارٹی صدر بننے کے بعد تو عتیق احمد کو پوری طرح سے کنارے کر دیا گیا۔ عتیق احمد نے اپنا آخری الیکشن 2019 میں بنارس سے نریند مودی کے خلاف لڑا تھا۔ عتیق نے یہ الیکشن سابر متی جیل میں رہتے ہوئے لڑا تھا۔ اس ٔ میں ان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ عتیق کے چھوٹے بھائی اشرف سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ سے ایم ایل اے منتخب ہوئے تھے۔ لیکن پولیس حراست میں ہونے والے دونوں بھائیوں کے قتل کو ایک ایسے مافیا کے قتل کے طور پر پیش کیا گیا جیسے اس کی سزا یہی تھی کہ ان کو موت کے گھاٹ اتار دیا جائے۔ یہ ابھی تک نہیں پتہ چل پایا کہ عتیق احمد اور اشرف کے قتل کے وجہ کیا تھی اور اس کے پس پردہ کون سے عزائم کام کر رہے تھے۔ انتہائی سخت سکیورٹی کی موجودگی میں قاتل ان تک کیسے پہنچ گئے۔ پولیس نے قاتلوں کو ان کے قریب کیسے جانے دیا۔ جب عتیق اور اشرف کو الہ آباد لایا گیا تو میڈیا کو ان کے قریب پھٹکنے نہیں دیا جا رہا تھا۔ لیکن 15؍ اپریل کی رات کو اسپتال کے سامنے سڑک کنارے میڈیا کے مشکوک افراد کو بڑی آسانی سے ان کے قریب کیسے جانے دیا گیا۔ میڈیا پرسن کے بھیس میں آئے قاتلوں کو پولیس فورس کے سامنے اتنا موقع کیسے مل گیا کہ انہوں نے پستول نکال کر عتیق اور اشرف کو موقع پر ہی قتل کر دیا۔ اس دوران پولیس نے ان کو روکنے کی کوشش کیوں نہیں کی۔ جس ڈرامائی انداز سے پولیس نے ان کو قابو میں کیا وہ اپنے آپ میں ایک بڑا سوال ہے۔ ایسے بہت سے سوال ہیں جن کا جواب ممکنہ طور سے عدالتی جانچ کمیشن کی رپورٹ سے مل سکتا ہے۔

  • کووی شیلڈ تنازع

    کووی شیلڈ تنازع

    سہیل انجم

    مرکز کی نریند رمودی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے بڑے بڑے دعوے کرتی ہے اور یہ ثابت کرنے کی کوشش کرتی ہے کہ آزاد ہندوستان میں عوام کی ایسی فکر کرنے والی کوئی دوسری حکومت پہلے کبھی نہیں آئی ۔ وہ یہ پرو پیگنڈہ کرتی رہتی ہے کہ اس نے خود کو عوام کی بھلائی کے لیے وقف کر رکھا ہے۔ خود وزیر اعظم نریندر مودی بار بار یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ انہوں نے ملک و قوم کی خدمت کے لیے گھر بار تج دیا، اہل خانہ کو چھوڑ دیااورصرف اور صرف ملک و قوم کے ہو کر رہ گئے ہیں۔ وہ اگر کوئی پروگرام یا پروجکٹ لانچ کرتے ہیں تو سابقہ حکومتوں میں کیڑے ضرور نکالتے ہیں اور یہ بتانے کی کوشش کرتے ہیں کہ اب تک کی حکومتوں نے ملک کو لوٹا ہے اور اوپر والے نے اس لوٹی ہوئی دولت کو واپس لانے کی ذمہ داری کے لیے ان کو چن لیا ہے۔
    اسی طرح جب ملک میں کرونا کی بھیانک وبا آئی اور ہزاروں بلکہ لاکھوں لوگ اسپتالوں میں ایڑیاں رگڑ رگڑ کر مر گئے، جب شمشان گھاٹ چتاؤں کی روشنی سے روشن ہو گئے، جب قبرستانوں میں مردے دفن کرنے کی جگہ نہیں بچی تو اس وقت بھی حکومت نے بلند بانگ دعوے کیے تھے۔ اسپتالوں کا نظام بری طرح لڑکھڑا گیا تھا۔ خاص طور پر کسی بھی سرکاری اسپتال میں نہ ڈاکٹر تھے، نہ دوائیں اور نہ ہی دوسری سہولتیں۔ لوگ آکسیجن کی قلت کی وجہ سے دم توڑتے رہے لیکن حکومت اپنا پرو پیگنڈہ کرتی رہی۔ حکومت حامیوں اور بی جے پی کارکنوں اور ہمدردوں کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جاتا رہا کہ مودی جی نے لاکھوں لوگوں کی زندگی بچا لی۔ اگر وہ نہیں ہوتے تو ملک کی بہت بڑی آبادی صاف ہو گئی ہوتی۔ کیوں کہ انہوں نے بروقت ویکسین تیار کروا کر لوگوں کی جانیں بچا لیں۔ صرف اپنے ملک کے باشندوں کی ہی نہیں بلکہ دوسرے ملکوں میں بھی ویکسین سپلائی کرکے انسانی خدمت کی مثال قائم کی۔ لیکن اب جو حقائق سامنے آرہے ہیں ان سے مودی حکومت کے تمام تر دعوؤں کی پول کھل گئی ہے۔ حالانکہ اس وقت بھی بہت سے لوگوں کا کہنا تھا کہ ویکسی نیشن کا عمل مکمل طور پر فراڈ ہے لیکن اس کے باوجود عوام نے حکومت پر اعتبار کیا۔ ادھر حکومت نے بھی عوام کو ویکسین لگوانے پر مجبور کیا۔ بہت سی حکومتی اسکیموں کو ویکسی نیشن سے مشروط کر دیا گیا۔ سفری دستاویزات میں ویکسین سرٹی فکیٹ کو لازمی قرار دے دیا گیا۔ لیکن اس کے باوجود عوام کے بہت بڑے طبقے نے حکومت پر بھروسہ نہیں کیا اور اس نے ویکسین کی ڈوز نہیں لی۔ اب جو انکشافات ہوئے ہیں ان سے یہ ثابت ہوا کہ واقعی یہ عمل فراڈ تھا۔
    ہندوستان میں دو کمپنیوں کی ویکسین لگائی جا رہی تھی۔ ایک سیرم انسٹی ٹیوٹ کی تیار کردہ کووی شیلڈ اور دوسری بھارت بائیو ٹیک کی تیار کردہ کوویکسین۔ لیکن حکومت کا زیادہ زور کووی شیلڈ پر تھا اور اسی کو ترجیح دی جاتی رہی۔ کوویکسین کو زیادہ ترجیح نہیں دی گئی۔ حکومت کے اداروں کی جانب سے بھی کووی شیلڈ کو ہی اچھی ویکسین بتایا جاتا رہا اور اسی کو بڑی مقدار میں فراہم کیا جاتا رہا۔ اکثر اسپتالوں اور ویکسی نیشن کے مراکز پر کووی شیلڈ کی کمی نہیں ہونے دی گئی جبکہ کوویکسین کی کمی ہوئی تو اس کی سپلائی میں کوئی دلچسپی نہیں لی گئی۔ ویکسین سرٹی فکٹ پر وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویر آویزاں کی گئی اور صرف اتنا ہی نہیں بلکہ ملک بھر میں جگہ جگہ ’’تھینک یو مودی جی‘‘ کی بڑی بڑی ہورڈنگس لگائی گئیں اور یہ جتانے کی کوشش کی گئی کہ اگر مودی جی نے ویکسی نیشن میں اتنی دلچسپی نہ لی ہوتی تو کروڑوں لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے۔ لیکن اب جبکہ ایک بہت اہم انکشاف ہوا ہے بلکہ ایک بہت بڑے گھوٹالے کا انکشاف ہوا ہے تو اب وہ اس کا کریڈٹ لینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ حالانکہ اس وقت بھی بہت سے لوگوں کا کہنا تھا کہ جب ویکسین سرٹی فکیٹ پر اپنی تصویرلگوا کر مودی جی کریڈٹ لے رہے ہیں تو کورونا سے مرنے والوں کے سرٹی فکیٹ پر وہ اپنی تصویر کیوں نہیں لگواتے۔
    خیال رہے کہ کووی شیلڈ ویکسین کو برطانیہ کی کمپنی ’’آسترا زینیکا‘‘ نے تیار کیا تھا جسے ہندوستان میں پونہ کے سیرم انسٹی ٹیوٹ نے بنایا۔ آسترازینیکا نے برطانیہ کی عدالت میں اس کا اعتراف کیا ہے کہ اس کی تیار کردہ ویکسین کووی شیلڈ سے سائڈ ایفکٹ یعنی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ کمپنی کے مطابق جن لوگوں نے یہ ویکسین لی ہے ان میں بلڈ کلاٹنگ یعنی خون کے تھکے جمنے، پلیٹ لیٹ کم ہونے اور برین ہیمریج کی شکایتیں موصول ہوئی ہیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق مذکورہ کمپنی نے عدالت میں اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس ویکسین کی وجہ سے ٹی ٹی ایس کی شکایت ملی ہے۔ ٹی ٹی ایس کی وجہ سے ہی بلڈ کلاٹنگ، پلیٹ لیٹ کی کمی اور برین ہیمریج کی شکایت پیدا ہوتی ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق برطانیہ کی مختلف عدالتوں میں اس کمپنی کے خلاف پچاس سے زائد مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ شکایت کنندگان نے کروڑوں روپے کے معاوضے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے عزیزوں اور رشتے داروں کی موت اس ویکسین کی وجہ سے ہوئی ہے۔ ہندوستان میں کورونا وائرس کے بعد مختلف عمر کے لوگوں اور خاص طور پر نوجوانوں میں حرکت قلب بند ہونے سے موت کے واقعات بہت زیادہ ہو رہے ہیں۔ ایسا دیکھا گیا ہے کہ لوگ چلتے چلتے گرتے ہیں اورختم ہو جاتے ہیں۔ یا کہیں بیٹھے ہوئے ہیں کہ اچانک گر گئے اور آن واحد میں ان کی روح نکل گئی۔ لہٰذا یہاں بھی متاثرین کے اہل خانہ کی جانب سے کمپنی کے خلاف مقدمات کی تیاری چل رہی ہے۔
    دراصل ہندوستان کا معاملہ زیادہ سنگین ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ سیرم کمپنی نے الیکٹورل بانڈز خرید کر مودی حکومت کو 52 کروڑ روپے کا چندہ دیا اس کے بعد ہی کووی شیلڈ کو منظوری ملی۔ اس سلسلے میں سوشل میڈیا میں ایک ویڈیو وائرل ہے جس کے مطابق یکم ، دو اور 17 اگست کو سیرم انسٹی ٹیوٹ نے الیکٹورل بانڈز کے ذریعے بی جے پی کو پچاس کروڑ روپے سے زیادہ کا چندہ دیا۔ اس کے بعد 23 اگست کو سیرم انسٹی ٹیوٹ کے مالک ادار پونہ والا مودی سے ملاقات کرتے ہیں۔ اس کے بعد ہی کووی شیلڈ لگانے کا اعلان ہوتا ہے اور اس طرح سیرم انسٹی ٹیوٹ کی تیار کردہ ویکسین کی اجارہ داری قائم ہو جاتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں اس سے قبل کبھی بھی کوئی ویکسین فروخت نہیں کی گئی بلکہ ہر ویکسین حکومت کی جانب سے مفت لگائی گئی۔ لیکن پہلی بار ایسا ہوا کہ ملک میں ویکسین کو پیسوں کے عوض فروخت کرنے کا سلسلہ شروع ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ کووی شیلڈ کی قیمت ڈیڑھ سو روپے بھی نہیں تھی لیکن اسے چھ سو اور سات سو روپے میں فروخت کیا گیا۔ اس طرح پونہ والا ویکسین فروخت کرکے اربوں روپے کما کر ملک کا پانچواں امیر شخص بن جاتا ہے۔ ادھر مودی حکومت کو کروڑوں روپے کا چندہ ملتا ہے اور عوام کو اپنے لوگوں کی لاشیں ملتی ہیں۔
    اس انکشاف کے بعد اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے مودی حکومت پر شدید تنقید کی جا رہی ہے اور اس سے اس کا حساب مانگا جا رہا ہے۔ لیکن تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ جس طرح بہت سے معاملات پر حکومت خاموشی اختیار کرلیتی ہے اسی طرح اس معاملے پربھی خاموشی اختیار کرلے گی۔ کیوں کہ ان کے بقول وہ صرف دعوے کرنا جانتی ہے ذمہ داری قبول کرنا نہیں۔
    قارئین کو یہ بات معلوم ہوگی کہ الیکٹورل بانڈز اسکیم ہندوستان کی سب سے بڑی دھوکہ دھڑی تھی۔ وہ دنیا کا سب سے بڑا گھوٹالہ تھا۔ یہی وجہ ہے کہ سپریم کورٹ نے اسے غیر قانونی قرار دے کر اسے منسوخ کر دیا اور اس کے توسط سے ملنے والے چندے کی تفصیل عام کرنے کی ہدایت دی۔ جس طرح الیکٹورل بانڈز اسکیم ایک بہت بڑا گھوٹالہ تھا بالکل اسی طرح ویکسین کا عمل بھی بہت بڑا گھوٹالہ تھا۔ خاص طور پر کووی شیلڈ ویکسین ۔ اگر سیرم انسٹی ٹیوٹ نے بی جے پی کو 52 کروڑ روپے کا چندہ نہ دیا ہوتا تو ممکن ہے کہ اسے منظوری نہیں ملتی۔ الیکٹورل بانڈز سے کیسے کیسے بدعنوان لوگ ایماندار بن گئے۔ پہلے ان پر چھاپے مارے گئے، ان کی گرفتاری ہوئی اور پھر جب انھوں نے بی جے پی کو بانڈز کے ذریعے کروڑوں کا چندہ دیا تو نہ صرف یہ کہ انھیں جیل سے
    رہائی مل گئی بلکہ ان کے خلاف جانچ بھی روک دی گئی۔
    دراصل یہ حکومت عوام کی جیبوں سے پیسے نکالنے کا ہنر جانتی ہے۔ مختلف بہانوں سے عوام کی جیبوں پر ڈاکے ڈالے جا رہے ہیں۔ انہی میں الیکٹورل بانڈز اسکیم بھی شامل ہے۔ لیکن کیا کسی نے یہ سوچا تھا کہ حکومت پیسوں کے لیے عوامی صحت سے بھی کھلواڑ کرے گی۔ لیکن بظاہر ایسا ہی ہوا ہے۔ سیرم انسٹی ٹیوٹ نے چندہ دے کر اپنی ویکسین کا دھندہ کیا۔ بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ جنھوں نے چندہ دیا انھوں نے دھندہ لیا۔ ایسا لگتا ہے کہ سیرم انسٹی ٹیوٹ نے بھی یہی کیا ہے۔ لیکن کیا یہاں بھی برطانیہ کے مانند مقدمات قائم ہوں گے اورمعاوضے طلب کیے جائیں گے۔ اور اگر ایساہوا تو کیا متاثرین کو کوئی معاوضہ مل پائے گا۔ جو حکومت یہ تسلیم کرنے کو تیار نہیں تھی کہ آکسیجن کی قلت سے لوگوں کی موتیں ہوئیں وہ بھلا یہ کیسے تسلیم کرے گی کہ کووی شیلڈ سے منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں اورمتاثرین کو معاوضہ ملنا چاہیے۔

  • رام مندر ایشو- ٹائیں ٹائیں فش ؟

    رام مندر ایشو- ٹائیں ٹائیں فش ؟

    مشتاق عامر

    ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر بی جے پی کا سب سے بڑا سیاسی ایجنڈا رہاہے ۔عام انتخاب سے کافی دنوں پہلے پارٹی نے رام مندر کی پران پرتسٹھا کو عام الیکشن میں بڑی کامیابی کے ساتھ پیش کرنے کا منصوبہ بنایا تھا ۔ 22؍ جنوری 2024 کو ایودھیا میں رام کی مندر کی پران پرتسٹھا خود ایم پی نریندر مودی نے اپنے ہاتھوں سے کی تھی۔ پران پرتسٹھا کی پرہجوم تقریب میں یو پی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ مودی کے ساتھ تھے ۔ایودھیا میں رام مندر کی پران پرتسٹھا کے دوران یو پی میں مسلم مخالف مذہبی ہیجان انگیزی کا جو ماحول بنایا گیا اس کو دیکھتے ہوئے یہ اندازہ لگایا جا رہا تھا کہ ملک کے عام انتخابات میں رام مندر کی پران پرتسٹھا کوبی جے پی حکومت کی سب سے بڑی کامیابی کے طور پر پیش کیا جائے گا ۔رام مندر کا افتتاح ایک طرح سے بی جے پی کے الیکشنپرچار کا نقطہء آغاز تھا۔پران پرتسٹھا کی آڑ میں پوری ریاست میں مسلم مخالف اشتعال انگیزی کا جو سلسلہ چلا وہ کئی ہفتوں تک جاری رہا ۔ اس وقت سیاسی تجزیہ کاروں نے بھی اس بات پرا تفاق کیا تھا کہ عام انتخابات میں رام مندر کی پران پرتسٹھا مودی حکومت کی سب سے بڑی کامیابی بتائی جائے گی اور اس ہیجان انگیزی کو ووٹوں میں تبدیل کرایا جائے گا ۔لیکن چند ہفتوں بعد ہی مذہبی اشتعال انگیزی رفتہ رفتہ سرد پڑنے لگی۔اس کی وجہ ہندوؤں کے روایتی طاقت ور حلقوں کی طرف سے پران پرتسٹھا کی تقریب کی مخالفت تھی۔ پران پرتسٹھا کی تاریخ جیسے جیسے قریب آتی گئی چار مٹھوں کے شنکراچاریوں کی طرف سے اس کی مخالفت میں شدت آتی گئی ۔ پران پرتسٹھا کی تقریب سے پہلے چار مٹھوں کے شنکراچاریوں نے مودی کے ہاتھوں رام مندر کی پران پرتسٹھا کی اعلانیہ مخالفت کی۔یہ مخالفت ایک طرح سے مودی کا بائیکاٹ تھا۔اس کا سیدھا اثر اعلیٰ ذات کے ہندوؤں کے ساتھ ساتھ او بی سی طبقے پر پڑا ۔ پوری کے شنکراچاریہ سوامی اوی مکتیشورآ نند نے تو رام مندر کی تعمیر ہی کو ہندو شاستروں کے خلاف قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ رام مندر کی تعمیر ادھوری ہے اور ادھورے مندر میں مورتی کی پران پرتسٹھا نہیں کیا جا سکتی ۔اسی طرح دوسرے شنکراچاریوں نے بھی نریندر مودی کے ہاتھوں پران پرتسٹھا کی تقریب پر اپنے ا پنےطریقے سے اعتراضات کیے ۔چاروں شنکرا چاروں نے ایودھیا تقریب سے اپنی دوری بنائے رکھی ۔شنکرا چاریوں کی طرف سے مودی کی مخالفت کئے جانے سے اس تقریب پرمنفی اثرات مرتب ہوئے۔
    گرچہ عوامی سطح پر مودی کے ہاتھوں رام مندر کی پران پرتسٹھا کے خلاف کوئی بڑا عوامی رد عمل دیکھنے میں نہیں آیا لیکن اس تقریب کے بھروسے بی جے پی نے جو سیاسی ہدف حاصل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا وہ پورا نہیں ہوا ۔ اس صورت حال نے راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ اور وشو ہندو پریشد کو تشویش میں مبتلا کر دیا ۔ کیوں کہ پران پرتسٹھا سے پہلے آر ایس ایس اور وی ایچ پی نے پورے ملک کے گاؤں گاؤں جاکر لوگوں کو اس تقریب میں شامل ہونے کا دعوت نامہ دیا تھا ۔ان کو امید تھی کی پران پرتسٹھا کی تقریب کے دوران یو پی میں 6؍ دسمبر جیسی اشتعال انگیزی پیدا کی جا سکتی ہے ۔لیکن متوقع بھیڑ ایودھیا میں نہیں جمع ہو پائی اور وہ ماحول بھی نہیں بن پایا ۔بدلے ہوئے حالات کا اندازاہ سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ نے فوراً لگا لیا۔یوگی آدتیہ پران پرتسٹھا سے توجہ ہٹا کر مافیاؤں کو مٹی میں ملا دینے کے اپنے پرانے ایجنڈا پر واپس آگئے ۔
    الیکشن کمیشن نے 19؍ اپریل سے عام انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا ۔ سات مرحلوں میں ہونے والا یہ الیکشن یکم جون کو اختتام پذیر ہوگا ۔یو پی میں لوک سبھا کی 80 سیٹیں ہیں جن میں 66 سیٹیں اس وقت بی جے پی کے پاس ہیں ۔الیکشنپرچار میں بی جے پی پوری 80 سیٹوں پر اپنی جیت کا دعویٰ کر رہی ہے ۔لیکن پہلے مرحلے کی پولنگ کے بعدسے ہی بی جے پی کی کمزور پوزیشن ظاہر ہونے لگی ہے ۔ ایودھیا میں رام مندر کی پران پرتسٹھاسے بی جے پی کو وہ سیاسی فائدہ نہیں مل پا رہا ہے جس کی منصوبہ بندی اس نے کی تھی ۔رام مندر کی تعمیر مکمل ہونے کا مذہبی ہیجان جس تیزی کے ساتھ پھیلا تھا اب اس کی شدت میں کمی آتی جا رہی ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی انتخابی تقریروں میں رام کی پران پرتسٹھا کا ذکر غائب ہوتا جا رہا ہے۔مودی اب سیدھے طور سے رام مندر کے نام پر ووٹ نہیں مانگ رہے ہیں ۔بلکہ انہوں نے اپنی روایتی مسلم مخالف شبیہ کو ووٹروں کے سامنے پیش کرنا شروع کر دیا ہے ۔ مودی نے اپنے انتخابی جلسوں میں کانگریس کو مسلم پرست ثابت کرنا،مسلمانوں کو در انداز بتانا ، ملک کے وسائل پر مسلمانوں کے قبضے کا خوف دلانا ، مسلمانوں کا زیادہ بچے پیدا کرنا ، پاکستان میں گھس کر مارنا اور تین طلاق جیسے موضوعات کو اپنی تقریر کا محور بنا لیا ہے ۔ رام مندر کی تعمیر کا کارڈ بے اثرہونے کے بعد ایک بار پھر مسلم مخالف ایجنڈاپورے الیکشن پر چھا گیا ہے ۔ایسا نہیں ہے کہ بی جے پی نے رام مندرکا ذکر پوری طرح سے چھوڑ دیا ہے۔یوگی آدتیہ ناتھ یو پی کے کچھ مخصوص انتخابی حلقوں میں پرچار کے دوران رام مندر تحریک کا ذکر ضرور کر رہے ہیں اور اس کی تعمیر کا کریڈٹ وزیر اعظم نریندر مودی کو دے رہے ہیں ۔بی جے پی نے رامائن سیریل میں رام کا کردار ادا کرنے والے ارون گوول کو ہاپوڑلوک سبھ سیٹ سے اپنا امیدوار بنایا ہے ۔گزشتہ 18؍ اپریل کو یوگی آدتیہ ناتھ نے میرٹھ کے انتخابی جلسے میں ارون گوول اور دیگر امیدواروں کے لیے عوام سے ووٹ مانگا ۔ اپنی تقریر میں یوگی آدتیہ ناتھ نے رام مندر کے شلانیاس سے لیکر اس کی پران پرتسٹھا کا کریڈٹ وزیر اعظم نریندر مودی کو دیا ۔ انہوں نے عوام سے رام مندر کی تعمیر کے نام پر بی جے پی کو ووٹ کرنے کی اپیل کی ۔
    یو پی میں یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنا انتخابی ایجنڈا نریندر مودی سے الگ رکھا ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ اپنی تقریروں میں مافیاؤں کو ختم کرنے کی بات بار بار کہہ رہے ہیں ۔ان کا اشارہ کس جانب ہوتا ہے لوگ اسے خوب سمجھتے ہیں۔ الیکشن کی تاریخ سے چند دنوں پہلے سابق ایم ایل اے مختاری انصاری کی باندہ جیل میں پر اسرار موت کو بی جے پی الیکشن میں کیش کرانے کی کوشش کر رہی ہے ۔مسلم مافیا کا خاتمہ یو پی کے الیکشن میں علامت کے طور سے استعمال کیا جا رہا ہے ۔اس کے علاوہ مودی کی گارنٹی جیسے مبہم نعرے کا مطلب لوگ اپنے اپنے طریقے سے نکال رہے ہیں ۔مجموعی طور سے دیکھا جائے تو یو پی میں بی جے پی کا کوئی ایک نعرہ کام نہیں کر رہا ہے ۔ مندر کی پران پرتسٹھا کی ہوا نکلنے کے بعد، یوگی آدتیہ ناتھ کی اپنی ذاتی سیاسی شخصیت ہے جس کی بنیاد پر بی جے پی لوک سبھا کاالیکشن جیتنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ اپنے طریقے سے الیکشن پرچار کر رہے ہیں ۔وہ اپنی تقریروں میں مافیاؤں کونیست و نابود کرنے کی بات کرتے ہیں ۔در حقیقت یوگی کی اصطلاح میں مافیا سے سیاسی اور معاشی قوتوں کی حامل مسلم شخصیتیں مراد لی جاتی ہیں ۔جن کا صفایا کرنا یوگی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔
    یو پی میں اپوزیشن کی کمزوری بی جے پی کو فائدہ پہنچا سکتی ہے ۔بی جے پی کے بعد سماج وادی پارٹی یو پی کی سب سے بڑی پارٹی ہے ۔سماج وادی پارٹی انڈیا الائنس کا حصہ ہے۔لیکن بعض سیٹوں پر کانگریس اور سپا کے درمیان ابھی تک اتفاق رائے نہیں ہو پایا ہے ۔ ظاہر ہے اس کا سیدھا فائدہ بی جے پی کو ملے گا ۔دلتوں کا مضبوط ووٹ بینک سمجھی جانے والی بہوجن سماج پارٹی انڈیا الائنس میں شامل نہیں ہوئی ہے ۔ ماضی میں بھی مایا وتی نے سماج وادی پارٹی کو ہرانے کا لیے اپنا ووٹ بی جے پی میں شفٹ کرایا ہے۔اگر یہی تجربہ اس الیکشن میں بھی دہرایا گیا تو بی جے پی کو بڑا فائدہ مل سکتا ہے ۔اس الیکشن میں مایا وتی کی خاموشی کے بھی کئی معنی نکالے جا رہے ہیں ۔
    یو پی کو جیتنا بی جے پی کے لیے انتہائی ضروری ہے ۔یہی وہ ریاست ہے جہاں سے بی جے پی کو ایک مشت سیٹیں مل سکتی ہیں ۔الیکشن میں عوام کے جوش و خروش میں کمی ، رام مندر پران پرتسٹھا کا سیاسی فائدے کا نہ ملنے اور مودی کی سیاسی چمک کا ماند پڑ جانے نے یو پی میں بی جے پی کو مشکل میں ڈال دیا ہے ۔فی الحال یہ 80 سیٹوں کے ہدف کا پیچھا کرتی نظر آ رہی ہے ۔ اگر بی جے پی یو پی کی 80؍ سیٹیوں میں سے نصف سیٹیں بھی کھو دیتی ہے تو ایک بڑا سیاسی نقصان تصور کیا جائےگا۔ مرکز میں ایک بار پھر اقتدار میں آنے کے لیے بی جے پی یو پی کی سیٹوں پر قبضہ جمانے کی کوشش میں ہر حربے کا استعمال کررہی ہے۔

  • کم ووٹنگ – کیا ہوا بدل رہی ہے ؟

    کم ووٹنگ – کیا ہوا بدل رہی ہے ؟

    قاسم سید

    پارلیمانی انتخابات(2024) دھیرے دھیرے اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہیں ۔ اب لڑائی ہندو مسلم سے نکل کر اوبی سی بیانیہ میں داخل ہوگئی ہے اور بی جے پی اب تک اس پر اپنا کوئی بیانیہ بنانے میں ناکام ہے ۔ایسالگ رہا ہے کہ بی جے پی شش و پنج کی دلدل میں پھنس گئی ہے۔اگر پہلے مرحلہ کی 102 سیٹوں پر ووٹنگ کے فیصد، غیرمنقسم ریاستوں کی ووٹنگ اور ذات پات کی صف بندی کے فیڈ بیک کو اگر پورے الیکشن کا نمونہ سمجھا جائے تو ایسا لگتا ہے گویا لوگوں میں بی جے پی کو جتانے کا جوش ہی نہیں ہے۔ اس کے برعکس ان سیٹوں پر بی جے پی کو ہرانے کی خاموش تحریک چل رہی ہے، جہاں بی جے پی مخالف روایتی ووٹ بڑی تعداد میں ہے۔ اس لیے 400 پار تو چھوڑیں، بی جے پی کو اگلے چھ مرحلوں میں سادہ اکثریت حاصل کرنے کے لیے بھی کافی پسینہ بہانا پڑے گا۔
    102 سیٹوں پر 65.5 فیصد ووٹنگ کا اعداد و شمار (جو 2019 میں 70 فیصد ووٹنگ سے تقریباً ساڑھے چار فیصد کم ہے) بی جے پی کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔اس کا ایک مطلب یہ ہے کہ اس الیکشن میں ووٹنگ کم ہوگی جیسا کہ دوسرے مرحلہ میں نظر آیا یعنی نریندر مودی کا گراف جو 2014 اور 2019 میں ووٹوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے ساتھ اوپر جا رہا تھا، اس بار نیچے کی طرف چل رہا ہے۔ 2014 میں” اچھے دن” کی ہوا کا یہ گراف 66.44 فیصد ووٹنگ کا ریکارڈ تھا۔ اس کی وجہ سے بی جے پی کو 282 سیٹیں ملیں۔ پھر 2019 میں پلوامہ و بالاکوٹ پر پیدا ہونے والے حالات کی وجہ سے قدرے زیادہ ووٹنگ (67.40 فیصد) ہوئی۔ اس کی وجہ سے بی جے پی نے 303 سیٹیں جیت لی تھیں۔
    پہلے اور دوسرے مرحلے میں 543 لوک سبھا سیٹوں میں سے 190 پر ووٹنگ مکمل ہو چکی ہے۔ دو چیزیں اور ہیں جنہوں نے اس طرح کی قیاس آرائیوں کو تقویت دی ہے۔ پہلا یہ کہ اس بار ’’ترقی یافتہ ہندوستان‘‘ کا بیانیہ وزیراعظم اور دیگر حکمران لیڈروں کے لبوں سے غائب ہے۔ دوسری بات یہ کہ اب وہ "اس بار ہم 400 کو پار کریں گے” کے دعوے بھی نہیں کر رہے ہیں۔
    پچھلے دو عام انتخابات میں مودی کی طرف سے دیئے گئے ’’اچھے دن‘‘ جیسے نعروں نے ووٹروں کے ایک بڑے حصے کو جوش دلایا تھا۔ لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل کی یلغار نے عوام میں نچلی سطح تک بلند و بانگ دعوؤں کی طرف منفی ردعمل پیدا کر دیا ہے۔ اس کے باوجود یہ نتیجہ اخذ کرنا قبل از وقت ہوگا کہ مودی حکومت اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ بی جے پی کا ہندوتوا ایجنڈا ایک مستقل ریگولیٹر بن گیا ہو جو ووٹروں کو بغیر جوش کے بھی بی جے پی کو ووٹ دینے کی ترغیب دے دے۔ بی جے پی کو تنظیمی طاقت، پیسے کی طاقت اور اداروں کی حمایت کی وجہ سے پہلے ہی برتری حاصل ہے۔ اس لیے حتمی نتیجہ جاننے کے لیے ہمیں 4 جون تک انتظار کرنا پڑے گا۔ لیکن فی الحال یہ ضرور کہا جا سکتا ہے کہ اس کی سیاست اور اس سے جڑے چہروں کے حوالے سے عوام میں ایک تھکاوٹ سی پیدا ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ اینٹی انکمبنسی فیکٹر ( anti imcumbancy factor )نے بھی کہیں دوبارہ کام کرنا نہ شروع کر دیا ہو۔
    یہاں بی جے پی کے حلقوں کی طرف سے ایک سوال یہ اٹھایا جارہا ہے کہ کیا ضروری ہے کہ کم ووٹنگ کا ہمیں ہی نقصان ہو، اپوزیشن کو بھی ہوسکتا ہے۔ جیسا کہ انتخابی سروے کے ماہر اور سی ووٹر کے سربراہ یشونت دیشمکھ نے کہا ہے کہ ایسا کوئی اصول نہیں ہے جس سے یہ ظاہر ہو کہ اگر کم ووٹنگ ہوئی ہے تو اپوزیشن کو فائدہ ہوا یا حکمراں پارٹی کو ۔یشونت دیش مکھ نے بی بی سی ہندی کے نئے شو ‘دی لینس’ میں کہا کہ ممکن ہے کہ گرمی کی وجہ سے کم ووٹنگ ہوئی ہو، یہ بھی ممکن ہے کہ زیادہ اعتماد کی وجہ سے بی جے پی کے ووٹر کم نکلے ہوں۔ یہ بھی ممکن ہے کہ اپوزیشن کے ووٹر یہ سوچ کر نہ نکلے ہوں کہ ہم الیکشن جیتنے والے ہی نہیں ہیں ۔”یہ بھی عین ممکن ہے کہ یہ تمام عوامل بیک وقت کام کر رہے ہوں۔ "میں ووٹنگ کے اس کم رویے کو ون ڈائریکشن میں نہیں دیکھنا چاہتا۔”
    2004 کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب بھی ہم کسی الیکشن کا تجزیہ کرتے ہیں تو ہمارے ذہن میں 2004 آتا ہے۔ 2004 میں شہری علاقوں میں 18 فیصد کی کمی دیکھی گئی۔ یہ صرف چار فیصد کی کمی ہے۔”اس نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو یہ ڈراپ اتنا خطرناک نہیں لگتا۔ مجھے یقین ہے کہ گرمی بھی ایک وجہ ہو سکتی ہے۔ایک طرح سے دیشمکھ نے بی جے پی کے نظریہ کی ہی تائید کی ہے ۔انہوں نے ووٹروں کے جوش وخروش میں کمی ،خاموشی،اداسی ،مایوسی ،عدم دلچسپی کی کوئی ٹھوس وجہ بیان نہیں کی جبکہ خود بی جے پی نے اعتراف کیا ہے کہ ڈور ہاتھ سے نکلتی دکھائی دے رہی ہے ۔اگر ایسا نہ ہوتا تو وزیر اعظم دوسرے مرحلہ میں مسلمانوں کا نام لے کر ایسی باتیں ہرگز نہ کرتے جو ان کے عہدے کے وقار کے منافی ہے۔

    جس نے بھی سنا اس نے کانوں پر ہاتھ رکھ لیا۔ غیرملکی میڈیا نے اس کا نوٹس لیا ۔ ظاہر ہے انہیں جو فیڈبیک مل رہا ہوگا یہ اس کی بوکھلاہٹ اورجھنجھلاہٹ ہوسکتی ہے ۔بی جے پی قیادت کی حد سے زائد خود اعتمادی، نامور لیڈروں کو ٹکٹ کاٹ کر گھر بٹھا دینا، جس کو چاہیں سی ایم بنا دینے کی رعونت وغیرہ کا خمیازہ کہیں نہ کہیں تو بھگتنا ہی ہوگا۔ پارٹی کا دو ہاتھوں میں سمٹ جانا، پار ٹی سے لیڈر کا بڑا ہوجانا، ورکروں کو بیگار مزدورسمجھ لینا،کرپٹ لیڈروں کو پارٹی میں شامل کرنا ،وفاداروں سے زیادہ دوسری پارٹی کے بھگوڑوں کو ٹکٹ دینا ،مودی کا پرانی باتوں کو دہرانا، پرانے وعدوں کا ایک فیصدبھی پورا نہ ہونا، ان پر خاموشی اختیار کرلینا اور ہر وقت ہندو مسلم کرنا جیسے بہت سے عوامل ہیں جنھوں نے پارٹی کارکنوں میں اکتاہٹ اور پارٹی کے علاوہ عام ووٹروں میں بیزاری و مایوسی پیدا کردی ہے ۔
    ایک وجہ اور بھی بیان کی جاتی ہے – جب مودی ،امت شاہ اور یوگی وغیرہ کہہ رہے ہیں کہ اس بار چارسو پار آرہے ہیں تو پھر گھر بیٹھنے میں ہرج کیا ہے ۔مودی جیت ہی رہے ہیں گویا اس نعرے کا الٹا اثر ہورہا ہے۔ کل ملا کر بی جے پی کا کوئی تیر نشانے پر نہیں بیٹھ رہا ہے اور لڑائی منگل سوتر تک آگئی ۔وہ بھی پی ایم کے منھ سے جس کا ہندو ووٹر نے بھی برا مانا ۔ووٹنگ کے دو مراحل کے صاف اشارے یہ ہیں کہ لوگ بی جے پی کے موجودہ ممبران پارلیمنٹ سے سخت ناراض ہیں دوسرے، بی جے پی کارکن انتخابات میں پہلے کی طرح سرگرم نہیں اس کی وجہ اوپر بیان کی گئی ہے۔ تیسرے، مقامی جوش و خروش اور مودی کا ماحول بنانے کے لیے بی جے پی کی مشینری میں کاہلی کا پیدا ہوجانا۔چوتھا زیادہ تر سیٹوں پر دھرم اورہندو مسلم کی جگہ اس مرتبہ کاسٹ کا حاوی ہونا اورہندوتو کی لہر کا کمزور ہونا۔ اس کے علاوہ 2019 جیسا ملک گیر ماحول نہ ہونا اور مودی کے چہرہ میں اب کوئی مقناطیسیت کا باقی نہ رہنا اورلوگوں کا مہنگائی اور بیروزگار ی کی وجہ سے مودی سرکار کے خلاف ہوجا نا شامل ہے۔
    لوگوں کی بڑی تعداد بلاشبہُ آج بھی مودی بھکت ہے البتہ باقی سب کچھ بھول کر ووٹ ڈالنے کا وہ جوش و جذبہ بھی ماند پڑچکاہے جو 2014 اور 2019 میں تھا۔ بی جے پی کے ووٹ بینک دلتوں، قبائلیوں، او بی سی ذاتوں، راجپوتوں اورسینی جاٹوں وغیرہ میں مایوسی، ناراضگی ،دلتوں میں، آئین، ریزرویشن پر بی جے پی لیڈروں کے بیانات سے اندیشے ہیں جس کی وجہ سے مودی کا ووٹ اتنا متحد نہیں بلکہ اب وہ بکھرچکا ہے۔
    اسی طرح اپوزیشن بھی اس حیثیت میں نہیں ہے کہ وہ مودی کا مقابلہ کرسکے ۔یوں کہیں کہ ای ڈی ،سی بی آئی،محکمہ انکم ٹیکس کی مہربانیوں، بڑے لیڈروں کی گرفتاریوں ،سب سے بڑی پارٹی کا اکاؤنٹ سیز ہونے جیسے واقعات نےاسے اس لائق ہی نہیں چھوڑا کہ وہ بی جے پی کامقابلہ کرسکے اس لئے یہ الیکشن مودی بمقابلہ عوام ہے۔
    راجستھان میں 2014 اور 2019 میں مودی نے 25 میں سے 25 سیٹیں جیتی تھیں۔ لیکن اس بار کم از کم چار سے پانچ سیٹیں بی جے پی کے ہاتھ سے نکل رہی ہیں اگر بی جے پی راجستھان میں چار سیٹیں بھی ہارتی ہے، ایک ایسی ریاست جہاں وہ لاکھوں کے فرق سے سیٹیں جیتتی ہے، تو پھر اتر پردیش میں کیا ہو گا، جہاں 2019 میں بی جے پی نے پانچ فیصد سے کم ووٹوں کے ساتھ 11 سیٹیں جیتی تھیں۔ دو مرحلے کے انتخاب سے اتنا تو ثابت ہوگیا کہ ہاتھ پاؤں باندھ دئے جانے کے باوجود اپوزیشن دم خم دکھارہی ہے اور لڑائی کانٹے کی نظر آرہی ہے – جبکہ پہلے یہ لگ رہا تھا کہ کہیں کوئی مقابلہ ہی نہیں ہے اور بی جے پی آسانی سے ہدف حاصل کرلے گی لیکن اب اسےکاؤ بیلٹ میں بھی پسینے آرہے ہیں۔
    پہلے دو مرحلے کی پولنگ ایسے ہی حالات کی نشاندہی کر رہی ہیں جو 2004 میں تھے۔ معروف ہندی کالم نگار ہری شنکر ویاس کہتے ہیں کہ "وقت کا کرشمہ دیکھیں جس نے پندرہ دنوں میں نریندر مودی کی زبان بدل دی۔ 2014 کے نریندر مودی کو یاد کریں، تب وہ خود ہر، ہر مودی کررہے تھے اور اب وہ راہل گاندھی کو ہر گھر تک لے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مردہ کانگریس کو زندہ کر دیا گیاہے”
    اس سے بھی زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ بی جے پی کی پوری انتخابی مہم ہی بدل گئی ہے۔ اب تک جن ایشوز پر بی جے پی مہم چلا رہی تھی وہ تمام مسائل کو پس پشت ڈال دیا گیا ہے۔ اب نئے مسائل آ گئے ہیں ۔ ایسا نہیں ہے کہ اچانک کوئی بڑا واقعہ ہو گیا اور سارا بیانیہ ہی بدل گیا۔ یہ نئے مسائل کانگریس کے منشور سے آئے ہیں یا کانگریس لیڈروں کے بیانات سے۔ لہذا ہم کہہ سکتے ہیں کہ اب انتخابات کانگریس کے منشور یا کانگریس کے طے کردہ ایجنڈے پر لڑے جارہے ہیں۔ کئی لحاظ سے یہ کانگریس کی بڑی کامیابی ہے کہ اس کے منتخب کردہ ایشو پر انتخابی بیانیہ ترتیب دیا جا رہا ہے۔
    مطلب یہ کہ الیکشن کانگریس کی پچ پر لڑا جارہاہے۔ کانگریس ہندو مسلم کے ایشور میں نہیں پھنسی اور اپنے بنیادی ایشوز مہنگائی، بیروزگاری، آئین،اور ریزرویشن پر رہ کر بی جے پی کو دفاعی پوزیشن میں لاکھڑا کیا ہے۔ وہ صفائی دیتی پھر رہی ہےکہ نہ آئین بدلیں گے نہ ریزرویشن ختم کریں گے۔ کیوں کہ کانگریس یہ یقین دلانے میں کامیاب ہے کہ بی جے پی ایسا کرنے جارہی ہے۔ درج فہرست ذاتوں کو لگتا ہے کہ وہ بابا صاحب کے بنائے ہوئے آئین کو ختم کر دے گی۔ پسماندہ ذاتوں کو لگتا ہے کہ بی جے پی آئین میں تبدیلی کرکے ریزرویشن سسٹم کو ختم کردے گی۔ مسلمانوں اور ملک کے سیکولر عوام کو یہ لگتا ہے کہ ان کے بنیادی حقوق متاثر ہوں گے۔ جنوبی اور مشرقی ہندوستان کی ریاستوں میں پارٹیوں اور کچھ حد تک شہریوں کو بھی لگتا ہے کہ بی جے پی وفاقی نظام حکومت کو ختم کردے گی۔ اسی طرح ملک کے مختلف حصوں میں لسانی اور ثقافتی تنوع کو ختم کرکے یکسانیت لانے کے خدشات بھی زیر بحث ہیں۔ یہ بہت بڑا ٹرننگ پوائنٹ ہے۔
    اب دیکھنا یہ ہے کہ کانگریس اس بیانیے پر قابو پا کر اسے اپنے حق میں کر پاتی ہے یا نہیں۔ تاہم پارٹی کو وزیر اعظم مودی کی شاندار تقریری صلاحیتوں کے خلاف اپنی عقل کا استعمال کرنا پڑے گا۔ اس کے ساتھ ہی کانگریس اپنے جوابی حملے سے اس خستہ حال انتخاب کو مزید دلچسپ بنا سکتی ہے، جس کے نتائج انتخابی مہم کے آغاز تک یقینی سمجھے جاتے تھے۔فی الحال کسی خوش فہمی میں رہنے کی ضرورت نہیں کہ بی جے پی کب اپنے حق میں بازی پلٹ دے ۔الیکشن خاموشی کے ماحول میں بہت دلچسپ ہوگیا ہے گٹھبندھن کی سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ اس نے الیکشن کو یکطرفہ نہیں ہونے دیا ۔دیکھتے ہیں کہ چار جون کو کیا ہوتا ہے۔

  • اساتذہ تقرری گھوٹالہ پر ہائی کورٹ کا فیصلہ

    اساتذہ تقرری گھوٹالہ پر ہائی کورٹ کا فیصلہ

    نور اللہ جاوید

    انتخابی مہم کے دوران کلکتہ ہائی کورٹ کے ذریعہ2016میں تقرری حاصل کرنے والے 26ہزار اساتذہ اور غیر تدریسی عملہ کی تقرری کو رد کردیا۔کلکتہ ہائی کورٹ نے ان اساتذہ کو تمام تنخواہ جو انہوں نے ملازمت کے دوران حاصل کئے ہیں وہ فیصد سود کے ساتھ واپس کرنے کی ہدایت بھی دی ہے ۔اس کے ساتھ ہی کلکتہ ہائی کورٹ نے ممتا کابینہ جس نے اسکول سروس کمیشن میںاضافی اسامیوں کی منظوری دی تھی اور پینل میں نام نہیں ہونے کےباوجود تقرری دینے کے فیصلے کی منظور ی دی تھی کے خلاف جانچ کا حکم دیا ہے۔کلکتہ ہائی کورٹ کے اس فیصلے سے صرف26ہزار افراد کے مستقبل کو نقصان نہیں پہنچا ہے بلکہ ان سے وابستہ لاکھوں گھرانے میں مایوسی چھاگئی ہے۔چوں کہ انتخابی مہم کے دوران یہ فیصلہ آیا ہے اس لئے اس کے سیاسی اثرات پر بھی غور کیا جارہا ہے ۔سیاسی جماعتیں انتخابی ایشو بنانے کی بھر پور کوشش کررہے ہیں ۔یہ سوال کافی اہم ہیں کہ اس فیصلے کا سیاسی اثرکیا پڑے گا؟ ۔کیا اس فیصلے کی وجہ سے ممتا بنرجی کو نقصان پہنچے گا؟۔تاہم عدالت بھی سوالوں کی زد میں ہے کہ انتخابی موسم میں یہ فیصلہ کیوں دیا ؟ عدالت کے فیصلے کے بعد حکومت ، اسکول سروس کمیشن اور نوکریوں سے محروم ہوجانے والوں کا سپریم کورٹ جانا لازمی تھا۔تینوں فریق نے سپریم کورٹ سے رجوع کیااور چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ نے اس ہفتے پیر یعنی 29اپریل سماعت کرتے ہوئے جو تبصرے کئے ہیں وہ ممتا حکومت کیلئے کسی بھی درجے میں باعث اطمینان نہیں ہیں ؟۔تاہم کابینہ کے خلاف سی بی آئی جانچ پر روک لگادی ہے۔سپریم کورٹ کے فیصلے کا یہ پہلو ترنمول کانگریس اور ممتا بنرجی کیلئے راحت بخش ہے۔ اس وقت ملک کی جانچ ایجنسیاں جس طریقے سے کام کررہی ہیںاگر یہ فیصلہ برقرار رہتا تو ممتا بنرجی کیلئے مشکلات کھڑی ہوسکتی تھیں۔تاہم سپریم کورٹ نے26ہزار تقرری کو رد کرنے کے فیصلے پر روک نہیں لگائی ہے۔
    اساتذہ تقرری کا عمل
    2016 میں مغربی بنگال اسکول سروس کمیشن نے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کو بھرتی کرنے کے لیے ریاستی سطح کا مقابلہ جاتی امتحان کا انعقاد کیا۔اسی سال اسکولوں میں گروپ ڈی کی تقرری کی بھی تقرری کی گئی۔سلیکشن ٹیسٹ میں تقریباً 23 لاکھ امیدواروں نے شرکت کی۔ 2018 سے کمیشن نے تقریباً 26,000افراد کو تدریسی اور غیر تدریسی عہدوں پر تعینات کیا۔کلکتہ ہائی کورٹ میں کئی امیدواروں نے درخواست کی کہ وہ اہل ہونے کے باوجود انہیں نوکری نہیں دی گئی ہے۔بے ضابطگی کی نشاندہی کرتے ہوئے بھرتی کے پورے عمل کو چیلنج کیا گیا ۔ان درخواستوں کا نوٹس لیتے ہوئے 2022 میں، جسٹس ابھیجیت گنگوپادھیائے نے مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف مرکزی جانچ ایجنسی سی بی آئی کو جانچ کا حکم دیا ۔ریاستی حکومت نے ڈویژن بنچ میں چیلنج کیا توجسٹس ہریش ٹنڈن اور رابندر ناتھ سمانتا پر مشتمل ہائی کورٹ ڈویژن بنچ نے 22 فروری 2022 کو جسٹس (ریٹائرڈ) رنجیت بیگ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی تاکہ اسکولوں میں اساتذہ کی تقرری کے عمل میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی جاسکے ۔جسٹس ریٹائرڈ رنجیت بیگ نے12مئی کو 2022کو رپورٹ پیش کرتے ہوئے اساتذہ تقرری میں بڑی خامیوں کی نشاندہی کی ۔اس کے بعد جسٹس سبرتو تعلقدار اور جسٹس آنند کمار مکھرجی کی قیادت والی ڈویژن بنچ نے یک رکنی بنچ کے ذریعہ دیے گئے سی بی آئی جانچ کے فیصلے کو برقرار کھا۔ڈویژن نے گروپ سی اور گروپ ڈی میں ہوئی گڑبڑی کی جانچ اور غلط طریقے سے نوکری حاصل کرنے والوں کی شناخت کی ہدایت دی۔گزشتہ دوسالوں میں ترنمول کانگریس کے کئی سینئر لیڈران جس میں سابق وزیر تعلیم پارتھوچٹرجی، ان کی قریبی ساتھی ارپیتا مکھرجی ، شمالی بنگال یونیورسٹی کے وائس چانسلر سبریش بھٹاچاریہ ، ترنمول کانگریس کے ممبر اسمبلی اور مغربی بنگال بورڈ آف پرائمری ایجوکیشن کے صدر مانک بھٹاچاریہ اور ممبر اسمبلی جبین کرشنا ساہا اس وقت جیل میں بند ہیں ۔ سی بی آئی مبینہ طور پر مجرمانہ جرائم کو دیکھ رہی ہے اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اقتصادی جرائم کی جانچ کررہی ہے۔اس پورے معاملے میں سی بی آئی نے کل چار رپورٹ داخل کی ہے اور ای ڈی نے دو رپورٹ عدالت میں پیش کی ہے۔انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے مبینہ طور پر اس کیس میں ملوث افراد کی 365 کروڑ روپے کی جائیدادوں کو ضبط یا ضبط کیا ہے۔
    اساتذہ تقرری گھوٹالہ کے معاملے میں کلکتہ ہائی کورٹ کے بنچ سیاسی خطوط پر منقسم ہیں اور کئی ججوں نے کیس کی سماعت کرنے سے انکار کردیا۔اس معاملے کی جانچ کرنے والے کئی ججز متضاد فیصلہ دیتے رہے ہیں ۔اس پورے معامے میں سابق جج جسٹس ابھیجیت گنگو پادھیائے جو اس وقت بی جے پی کے ٹکٹ پر تملوک لوک سبھا سے انتخاب لڑرہے ہیں وہ حکومت مخالف فیصلے کی وجہ سے سرخیوں میں رہے ہیں ۔جسٹس ابھیجیت گنگو پادھیائے نہ صرف کمرہ عدالت میں حکومت اور ترنمول کانگریس کے جنرل سیکریٹری ابھیشیک بنرجی کے خلاف سخت تبصرے کرتے رہےہیں بلکہ ایک معاملے کا جج رہنے کے باوجود انہوں نے نیوز چینلوں کو انٹرویو دیا اور زیر سماعت معاملے میں عدالت سے باہر بات کرتے ہوئے حکومت کی سخت تنقید کیانٹرویو میں ممتا بنرجی کے خلاف مقدمہ چلانے کے اپنے ارادے کا اعلان کیا تھا۔۔جسٹس ابھیجیت گنگو پادھیائے کے اس عمل کے بعد سپریم کورٹ نے ان سے معاملہ لے کر دوسرے ججوں کو منتقل کرنے کی ہدایت دی۔ اس سے قبل جون 2022 میں گنگوپادھیائے نے 2016 میں سلیکشن ٹسٹ کے ذریعے مقرر کردہ 269 اساتذہ کی بھرتی کو منسوخ کر دیا تھا۔ ان کے حکم پر سپریم کورٹ نے گزشتہ سال اپریل میں روک لگا دی تھی۔مئی میں گنگوپادھیائے نے 2016 میں ریاستی حکومت کی طرف سے تقرری کئے گئے تقریباً 36,000اساتذہ کی بھرتی کو منسوخ کر دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے جولائی میں اس پر روک لگا دی تھی۔سیاست میں شمولیت سے قبل تک جسٹس ابھیجیت گنگو پادھیائے نوجوانوں میں کافی مقبول تھے۔انہیں ایمانداراور بے خوف جج کے طور پر دیکھا جاتا تھا مگر ان کے اچانک سیاست میں شمولیت کے فیصلے نے نہ صرف ان کی غیر جانبداری کو مشکوک کیا بلکہ اس تاثر کو بھی مضبوط کیا کہ اب تک جو وہ فیصلے دے رہے تھے اور ترنمو ل کانگریس کے خلاف ان کے جو تبصرے تھے وہ سیاسی تھیں۔جسٹس ابھیجیت گنگوپادھیائے نے اپنے ساتھی جج جسٹس سومن سین پر سنگین الزامات عائد کرچکے ہیں ان کے بقول جسٹس سومین ترنمول کانگریس کے ایجنٹ ہیں اور ان کے مفادات کےتحفظ کررہیں ۔سپریم کورٹ نے کلکتہ ہائی کورٹ کے ججوں کے اختلافات پر نوٹس لیا ۔اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کلکتہ ہائی کورٹ کس طرح منقسم ہے۔چناں چہ ممتا بنرجی اس کا فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہیں اور یہ ثابت کرنے کی کوشش کررہی ہیں کہ کلکتہ ہائی کورٹ بی جے پی کے زیر اثر ہے۔
    اتنے بڑے پیمانے پر نوکریوں منسوخ کرنے کا بے نظیر فیصلہ
    کسی بھی عدالت کے ذریعہ اتنے بڑے پیمانے پر نوکریوں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ بے نظیر ہے۔دوسری بات اہم یہ ہے کہ چوں کہ سی بی آئی نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں یہ دعویٰ کرچکی ہے کہ26ہزار اساتذہ میں 5000اساتذہ کی تقرری غیر قانونی طریقے سے ہوئی ہے۔چوں کہ او ایم آر شیٹ تباہ کردئیے گئے ہیں اور اہم امیدواروں کی شناخت ممکن نہیں ہے اس لئے 5000ہزار اساتذہ کی شناخت نہیں کرسکتی ہے۔عدالت نے اپنے فیصلے میںکہا کہ بیگ کمیٹی، سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن اور اسکول سروس کمیشن کے شواہد نے سلیکشن کے عمل میں کئی غیر قانونی کوتاہیوں کی نشاندہی کی ہے۔چوں کہ آپٹیکل مارک ریکگنیشن شیٹس(او ایم آر) کوکمیشن نے تباہ کردیا ہے۔ سکین شدہ تصاویر کمیشن کے سرور پر محفوظ نہیں تھیں۔ امیدواروں کے نمبروں پر مشتمل کوئی میرٹ لسٹ شائع نہیں کی گئی ہے۔ کچھ امیدوار جنہوں نے خالی آپٹیکل مارک ریکگنیشن شیٹس جمع کرائے تھے ان کی بھی تقرر ی کی گئی ہے ۔دوسرے یہ کہ پینل میں ان لوگوں کے نام شامل کئے گئے جنہوں نے کم نمبرات حاصل کئے تھے۔کلکتہ ہائی کورٹ اس نتیجے پر پہنچی کہ چوں کہ مستحق اور غیر مستحق امیدواروںکی شناخت کا کوئی پیمانہ نہیں ہے ۔اس لئے آئین کے آرٹیکل 142میں دئیے گئے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے پوری تقرری کو ہی منسوخ کردیا۔کلکتہ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسکولوں کو ایسے اساتذہ سے بچانا چاہتے ہیں جو نااہل اور غیر مستحق ہیں ۔
    سپریم کورٹ اس معاملے میں اگلی سماعت پر غور کرے گا۔تاہم چند بنیادی سوالات ہیں جنہیں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے کہ کلکتہ ہائی کورٹ کے جج صاحبان گزشتہ چند سالوں میں سیاسی بنیاد پر منقسم رہے ہیں اور جسٹس ابھیجیت گنگو پادھیائے جنہوں نے چار مہینے قبل ریٹائرڈ منٹ لی اور جج رہتے ہوئے انہوں نے بی جے پی میں شملوتی سے متعلق میٹنگ کے سیاست میں زورآزمائی کے فیصلے کے بعد ہائی کورٹ پر سوالات کھڑے ہونے لازمی ہیں ۔بلاشبہ او ایم آرشیٹ کی تباہی کے بعد اہل و ناہل اساتذہ کی شناخت کا کوئی پیمانہ نہیں ہے مگر سوال یہ ہے 21ہزار جو اہل تھے ان کا کیا قصور ہے کہ ان کی نوکری چھینی جارہی ہے۔اس فیصلہ کا یہی وہ تاریک پہلو ہے جو سوالات کھڑے کرتے ہیں ۔ان اساتذہ کے تئیں عوام میں ہمدردی ہیں اور عدالت سے سوال کیا جارہا ہے کہ کیا اہیں ایک اور موقع نہیں دیا جانا چاہیے۔سینئر ایڈوکیٹ موہن کا تکری کہتے ہیں کہ کیاگر کوئی تین چار سال سے سروس میں ہے تو ان کی تقرری کو ختم کرنا جائز نہیں ہو سکتا۔سوال یہ ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب ضابطہ اخلا ق نافذ ہوچکا ہے ۔عدالت کو اس حقیقت کا بھی علم ہے اس طرح کے بڑے فیصلے سے سیاسی جماعتیں انتخابی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کریں گی ۔کیا عدالت چند مہینوں کیلئے اس مقدمے میں کے فیصلے کو موخر نہیں کرسکتی تھیں۔ماہر قانون انوج بھوانیہ کہتے ہیں کہ عدالتیں بھی سیاسی عمل میں کھلاڑی بن چکی ہے۔
    اساتذہ تقرری گھوٹالہ کو اجاگر کرنے میں بی جے پی اور اس سے وابستہ وکلا کی ٹیم کا رول نہیں رہا ہے۔سی پی آئی ایم بالخصو ص راجیہ سبھا کے رکن اور کلکتہ ہائی کورٹ کے مشہور وکیل بکاش رنجن بھٹا چاریہ اور ان کی ٹیم جس میں ایڈویکٹ شمیم احمد اور ایڈوکیٹ شمیم فردوس شامل ہیں نے بڑا رول ادا کیا ہے ۔مگر حیرت انگیز کے طور پر اس پورے فیصلے کے خلاف بی جے پی سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کرہی ہے۔ مغربی بنگال کی سیاست پر گہری نظر رکھنے والے بتاتے ہیں کہ گھوٹالوں کی سیریز ممتا بنرجی کی حکومت کیلئے پریشان کن ہیں اور اس سے ممتا بنرجی کی شبیہ کو نقصان پہنچا ہے۔تاہم جب 2013میں شارد ا چٹ فنڈ گھوٹالہ، 2016کے اسمبلی انتخابات سے عین قبل ناردا اسٹنگ گھوٹالہ معاملے سامنے آنے کے باوجود ممتا بنرجی 2016کے انتخابات میں بڑی کامیابی حاصل کی اور اسی طرح 2021میں گھوٹالہ کی تعدادمیں اضافہ ہونے کے باوجود ممتا بنرجی پہلے دو مرتبہ کے مقابلے بڑی کامیابی حاصل کی ہے ۔ایسے میں سوال یہ ہےکہ بی جے پی کا اس انتخابی فائدہ حاصل کرسکے گی۔تاہم اس وقت نہ ممتا بنرجی کیلئے حالات سازگار ہیں نہ ہی بنگال میں نریندر مودی کو وہ مقبولیت حاصل ہے جو انہیں گزشتہ انتخابات میں تھے۔تاہم کلکتہ ہائی کورٹ نے ممتا کابینہ کے خلاف جو تبصرے کئے ہیں اور اگر بعد میں سپریم کورٹ کابینہ کے خلاف جانچ کی ہدایت دیدیتی ہے تو مستقبل میں ممتا بنرجی اور ان کی پارٹی کیلئے تباہ کن ثابت ہوسکتی ہے ۔کیوں کہ اب تک جتنے بھی گھوٹالے شاردا گھوٹالہ، ناردا اسٹنگ آپریشن، مویشی گھوٹالہ، کوئلہ اسمگلنگ گھوٹالہ، راشن گھوٹالہ اور اساتذہ تقرری گھوٹالہ ان میں کسی بھی گھوٹالہ کی آنچ ممتا بنرجی تک نہیں پہنچی ہیں ۔گرچہ ان کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی اور ان کی بہو روجیرا بنرجی پوچھ تاچھ کی زد میں رہےہیں مگر ممتا بنرجی محفوظ تھیں اب شاید گھوٹالے کی آؑنچ ان تک پہنچ سکتی ہے اور اگلے اسمبلی انتخابات تک ان کیلئے مشکلات کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

  • الیکشن سے قبل مرکزی حکومت کی بوکھلاہٹ

    الیکشن سے قبل مرکزی حکومت کی بوکھلاہٹ

    اس بار کا الیکشن عجیب و غریب ہے۔ شاید پہلے ایسا الیکشن کبھی نہیں ہوا ہوگا۔ پہلے کبھی کسی حکومت نے یہ دعویٰ نہیں کیا تھا کہ مختلف جماعتوں پر مشتمل اس کا اتحاد لوک سبھا کی 543 نشستوں میں سے چار سو سے زائد نشستیں جیت لے گا۔ پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا ہوگا کہ حزب اختلاف کے خلاف حکومتی ایجنسیوں کو اتنے بڑے پیمانے پر استعمال کیا گیا ہو۔ اپوزیشن رہنماؤں کے پیچھے اس طرح ای ڈی، سی بی آئی اور انکم ٹیکس کے محکموں کو لگا دیا گیا ہو۔ ان پر اپنی پارٹی سے بغاوت کرکے حکمراں جماعت میں شامل ہونے کا دباؤ ڈالا جا رہا ہو اور جیل جانے کے ڈر سے بہت سے لیڈران اپنی پارٹی چھوڑ کر حکمراں جماعت میں شامل بھی ہو رہے ہوں ۔ حکومت کے سامنے نہ جھکنے والے لیڈروں کو اٹھا اٹھا کر جیل میں ڈالا جا رہا ہو۔ پہلے اپوزیشن لیڈروں پر کرپشن اور بدعنوانی کے الزامات لگائے گئے ہوں اور پھر انہی لیڈروں کو اپنی پارٹی میں شامل کروا کر ان کے خلاف کارروائیاں ختم کرا دی گئی ہوں ۔ پہلے ایسا کبھی نہیں ہوا ہوگا کہ حکومت نے اپنے اقتدار کو بچانے کے لیے جمہوریت کا گلا گھوٹ دیا ہو اور اپوزیشن رہنماؤں کے سامنے اپنے وجود کی بقا کی جنگ کے ساتھ ساتھ جمہوریت کے تحفظ کی جنگ بھی درپیش ہو۔ اس بار یہ سب کچھ ہو رہا ہے اور دھڑلے سے ہو رہا ہے۔

    وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی پارٹی بی جے پی یہ دعویٰ کرتی ہے کہ عوام ان کی حکومت کی ترقیاتی سرگرمیوں کی وجہ سے اسے ووٹ دیتے رہے ہیں اور وہ ایک بار پھر اسے ووٹ دے کر برسراقتدار لائیں گے۔ اگر حکومت خود اعتمادی کے ساتھ یہ سب کچھ کہہ رہی ہوتی تو بات سمجھ میں آجاتی۔ لیکن یہاں صورت حال یہ ہے کہ یہ دعویٰ متزلزل اعتماد کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔ حکومت کو خود اس بات کا احساس ہے کہ چار سو نشستیں لانا اس کے لیے جوئے شیرلانے سے بھی زیادہ مشکل ہے۔ ایسا دعویٰ صرف اس لیے کیا جا رہا ہے تاکہ ایک ماحول بنایا جا سکے۔ ماحول سازی کے لیے مختلف حربے اختیار کیے جا رہے ہیں ۔ انہیں حربوں میں میں سروے ایجنسیوں کا استعمال بھی شامل ہے۔ سروے ایجنسیوں نے اپنی رپورٹوں میں مودی حکومت کی واپسی کی پیشین گوئی کی ہے۔ بعض رپورٹوں میں حکومت کی بولی بولی گئی اور دعویٰ کیا گیا ہے کہ این ڈی اے چار سو سے زیادہ سیٹیں لا رہا ہے۔ بی جے پی ایک منظم پارٹی ہے۔ اس کی سرپرست آر ایس ایس جیسی جماعت ہے ۔ وہ چاہے تو چند گھنٹوں کے اندر کسی بھی افواہ پوری دنیا میں پھیلا سکتی ہے۔ ماضی میں اس نے ایسا کرکے دکھا یا ہے۔ لہٰذا آر ایس ایس اور بی جے پی اپنے طور پر یہ جائزہ لیتے رہے ہیں کہ اس بار الیکشن کس رخ پر جائے گا۔ کیا مودی حکومت تیسری بار بھی اقتدار میں لوٹ رہی ہے یا نہیں ۔ بی جے پی کے اندرونی سروے اس بات کا اشارہ دے رہے ہیں کہ جو دعویٰ کیا جا رہا ہے وہ آسان نہیں ہے اور کوئی تعجب نہیں کہ وہ الیکشن میں شکست کھا جائے۔ اس کی رپورٹوں کے مطابق کئی ریاستیں ایسی ہیں جہاں اس کی حالت پتلی ہے۔ جہاں اسے 2019 کے انتخابی نتائج کا اعادہ ناممکن نظر آرہا ہے۔

    لیکن حکومت بضد ہے کہ اسے تیسری بار بھی اقتدار میں آنا ہے خواہ اس کے لیے کچھ بھی کرنا پڑے۔ اس صورت حال نے اسے بوکھلاہٹ میں مبتلا کر دیا ہے۔ وہ اسی بوکھلاہٹ میں الٹے سیدھے اقدامات کر رہی ہے۔ پہلے تو اصل اپوزیشن جماعت کانگریس کو تنظیمی طور پر توڑنے اور کمزور کرنے کی کوشش کی گئی۔ مختلف ریاستوں میں اس کے لیڈروں کو مختلف بہانوں سے پارٹی چھوڑنے اور بی جے پی جوائن کرنے پر مجبور کیا گیا۔ کوئی دن ایسا نہیں جاتا جب کانگریس کے کسی لیڈر کو بی جے پی میں شامل نہ کرایا جاتا ہو۔ یہاں تک کہ اگر سابق وزرائے اعلیٰ کو بی جے پی میں شامل کرایا گیا تو سابق مرکزی وزرا اور ان کے رشتہ داروں کو بھی مجبور کیا گیااور اب بھی کیا جا رہا ہے کہ وہ اپنی پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں آجائیں ۔ اس دوران کانگریس کے بینک اکاونٹ منجمد کیے گئے۔ اس کو ہزاروں کروڑ روپے کے انکم ٹیکس کے نوٹس جاری کیے گئے۔ حکومت کی ایجنسیاں اس کوشش میں ہیں کہ کانگریس کو پائی پائی کا محتاج بنا دیا جائے تاکہ وہ کو ئی موثر انداز میں انتخابی مہم نہ چلا سکے۔ اس سلسلے میں کانگریس کے تین اعلیٰ رہنماؤں ملکارجن کھڑگے، سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کی وہ مشترکہ پریس کانفرنس بہت اہمیت کی حامل تھی جس میں انھوں نے وزیر اعظم مودی پر الزام لگایا کہ وہ کانگریس کو مالی اعتبار سے بے دست و پا کر دینا چاہتے ہیں تاکہ وہ الیکشن نہ لڑ سکے اور بی جے پی کو چیلنج کرنے والا کوئی نہ رہے۔ کانگریس کے رہنماؤں کو یہاں تک کہنا پڑا کہ ان کے پاس اپنے لیڈروں کے لیے جہاز اور ریل کے ٹکٹ خریدنے کے پیسے نہیں ہیں ۔

    اس سے قبل حکومت نے اپوزیشن کے اتحاد ’’انڈیا الائنس‘‘ کو توڑنے کی کوشش کی۔ بظاہر وہ اس میں کسی حد تک کامیاب بھی ہو گئی۔ لیکن تمام اڑچنوں اور رکاوٹوں کے باوجود انڈیا اتحاد مضبوط ہو تا جا رہاہے اور 31 مارچ کی دہلی کے رام لیلا میدان کی ریلی نے یہ ثابت کر دیا کہ اسے توڑنے کی حکومت کی کوشش کامیاب نہیں ہوئی ہے۔ اس ریلی میں سب سے زیادہ زور جمہوریت کو بچانے پر دیا گیا۔ دراصل انڈیا اتحاد کے لیے جو سب سے مشکل کام تھا وہ ممکن ہو گیا جس نے حکومت کی بوکھلاہٹ کو مزید بڑھا دیا۔ یہ بات سب کو معلوم ہے کہ عام آدمی پارٹی اور کانگریس ایک دوسرے کے سخت مخالف رہے ہیں ۔ دونوں ایک دوسرے کے خلاف بیانات دیتے رہے ہیں ۔ لیکن مودی حکومت کی جانب سے دہلی کی عام آدمی پارٹی کی حکومت کے خلاف یکے بعد دیگرے متعدد کارروائیوں نے عام آدمی پارٹی کو کانگریس کے قریب جانے پر مجبور کر دیا۔ کانگریس نے بھی وقت کی نزاکت کو محسوس کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی سے اپنی دشمنی ترک کر دی اور دونوں نے ایک دورسرے سے ہاتھ ملا لیا۔ گو کہ دونوں میں جو اتحاد ہوا ہے وہ کوئی بہت مضبوط نہیں ہے پھر بھی اس اتحاد سے حکومت کو سخت پریشانی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اب بی جے پی کو دہلی کی ساتوں سیٹوں کے لالے پڑ گئے ہیں ۔ اب ایسا لگ رہا ہے کہ بی جے پی جو پہلے ان تمام سیٹوں پر قابص تھی، ایک بھی نہ حاصل کر پائے۔ اس صورت حال نے حکومت کو مزید بوکھلا دیا۔ اس نے عام آدمی پارٹی کو پریشان کرنا شروع کر دیا۔ پہلے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کو مبینہ دہلی شراب پالیسی معاملے میں گرفتار کرکے جیل میں ڈالا گیا۔ اس کے بعد عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ کو جیل بھیجا گیا اور بالآخر وزیر اعلیٰ اروند کیجری وال کو بھی جیل بھیج دیا گیا۔ کیجری وال کو پہلے ہی یہ اندازہ تھا کہ حکومت انھیں ہر حال میں جیل بھیجنا چاہتی ہے۔ اسی لیے وہ ای ڈی کے نوٹس پر حاضر ہونے سے انکار کرتے رہے۔ انھیں نوٹس پر نوٹس جاری کیے گئے لیکن وہ ایک بار بھی حاضر نہیں ہوئے بلکہ س کے خلاف عدالت چلے گئے۔ لیکن جب عدالت نے کہہ دیا کہ وہ ان کی گرفتاری پر روک لگانا نہیں چاہتی تو ای ڈی نے ان کو گرفتار کر لیا۔

    کیجری وال کوگرفتار کر نے کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ وہ انتخابی مہم میں شرکت نہ کر سکیں ۔ اس وقت حکومت مخالف خیمے میں کیجری وال کو کافی اہمیت حاصل ہو گئی ہے۔ ان کی پارٹی دہلی کے علاوہ پنجاب میں بھی برسراقتدار ہے۔ ا س کے علاوہ گجرات میں بعض علاقوں میں اس نے اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔ یہاں تک کہ ایک جگہ اس کا میئر بھی منتخب ہوا ہے۔ بی جے پی کو یہ اندیشہ ہے کہ اگر کیجری وال کو روکا نہیں گیا تو وہ اس کے ووٹ بینک پر قبضہ کر سکتے ہیں ۔ دہلی میں تو ویسے ہی انھوں نے قبضہ کر لیا ہے۔ کیجری وال اور کانگریس کے ہاتھ ملا نے کے بعد اس کی پریشانیاں مزید بڑھ گئی ہیں ۔ یہی سب سوچ کر اور اس پلاننگ کے تحت بھی کہ عام آدمی پارٹی اور کانگریس کو ایک دوسرے سے دور کر دیا جائے، عام آدمی پارٹی کے لیڈروں کو جیل بھیجا جا رہا ہے۔ اس کے ایک سابق وزیر ستیندر جین پہلے ہی جیل میں ہیں ۔ اب ایک اور وزیر کیلاش گہلوت کو بھی نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ کیا پتہ کل کو انھیں بھی گرفتار کرکے جیل میں ڈال دیا جائے۔

    دراصل یہ سارے اقدامات حکومت کی بوکھلاہٹ کو ظاہر کرتے ہیں ۔ اگر اسے اس بات کا یقین ہوتا کہ واقعی بی جے پی 370 اور این ڈی اے کو 400 سے زائد سیٹیں مل رہی ہیں تو پھر اسے یہ سب کرنے کی ضرورت ہی نہیں پڑتی۔ لیکن اس کو بھی اس بات کا اندازہ ہے کہ عوام کو زیادہ دنوں تک بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا۔ الیکٹورل بانڈز کے معاملے نے حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ حکومت ایک طرف کرپشن کے خلاف جنگ کی بات کرتی ہے اور دوسری طرف کرپٹ لوگوں کو جن کو جیل بھیجنے کی دھمکیاں دیتی رہی، انھیں نہ صرف اپنی پارٹی میں بلکہ حکومت میں بھی شامل کر رہی ہے۔ سپریم کورٹ کے اسے غیر قانونی قرر دینے اور تمام تفصیلات منظر عام پر لانے کی ہدایت کے بعد کانگریس رہنما راہل گاندھی نے اس اسکیم کو جبریہ وصولی کا دنیا کا سب سے بڑا ریکٹ قرار دیا ہے۔ بی جے پی نے اس اسکیم کے توسط سے ہزاروں کروڑ روپے اپنے خزانے میں جمع کر لیے ہیں ۔ جبکہ وہ اپوزیشن کو مالی اعتبار سے محتاج بنانا چاہتی ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ عوام سے یہ ساری باتیں چھپی ہوئی ہیں ، یا یہ حقائق مخفی ہیں ۔ عوام سب کچھ دیکھ رہے ہیں اور وہ یہ سمجھتے ہیں کہ کون دھاندلی کر رہا ہے اور کون مظلوم ہے۔ بی جے پی جیسی چالاک پارٹی عوام کا موڈ بھانپنے میں ماہر ہے۔ لہٰذا اسے اس بات کا اندیشہ ہے کہ عوام انتخابی میدان میں اس سے سوالات کر سکتے ہیں ۔ اگر ایسا ہوا تو اس کے لیے جواب دینا مشکل ہو جائے گا۔ یہی وجہ ہے کہ عوام کا دھیان بھٹکانے کے لیے حکومت مختلف حربے اختیار کر رہی ہے۔ اپوزیشن پارٹیوں کے رہنماؤں کی گرفتاری اور کانگریس کے بینک اکاونٹس کو منجمد کرنا اور انکم ٹیکس کے نوٹس بھیجنا اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں ۔ اب تو عوام بھی یہ سوال کرنے لگے ہیں کہ اگر حکومت چار سو سے زیادہ سیٹیں جیت رہی ہے تو پھر اسے یہ سب کرنے کی کیا ضرورت ہے۔

  • فیکٹ چیکنگ- حکومت مخالف آوازوں کی دبانے کی کوشش

    فیکٹ چیکنگ- حکومت مخالف آوازوں کی دبانے کی کوشش

    سپریم کورٹ نے21 مارچ کو مرکزی حکومت کے 20 مارچ کے اس حکمنامہ ( نو ٹیفکیشن ) پر امتناع عائد کردیا ہے جس کی رو سے پریس انفارمیشن بیورو کو فیکٹ چیکنگ یونٹ قائم کرنے کا اختیار دیا گیا تھا۔ فیکٹ چیکنگ یا صداقت کی جانچ کے نام پر حکومت کے کسی بھی فعل یا کام کے بارے میں خبر کو فرضی قرار دینے کا اختیار اس یونٹ یا محکمہ کے پاس ہوتا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی (انٹرمیڈیری گائیڈ لائنز اینڈ ڈیجیٹل میڈیا ایتھکس کوڈ) ترمیمی رولز 2023 کے توسط سے حکومت کو حقائق کی جانچ کرنے والا یونٹ قائم کرنے کا اختیار دیا گیا تھا تاہم یہ اس وقت تک معطل رہے گا جب تک کہ اس کی آئینی جواز کو چیلنج کرنے والی عرضی پر حتمی فیصلہ نہیں ہوجاتا۔ یہ فیصلہ چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچوڈ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا (ای جی آئی) اورکامیڈین کنال کامرا کی طرف سے دائر ہ عرضیوں کی سماعت پرکیا ہے ۔

    بنچ نے کہا کہ 20 مارچ 2024 کے نوٹیفکیشن پر عمل درآمد اس وقت تک معطل رہے گا جب تک کہ بامبے ہائی کورٹ کے تیسرے جج انفارمیشن ٹیکنالوجی کے قاعدہ 3(1)(b)(v) کی توثیق پر حتمی فیصلہ نہیں کرتے ۔ خیال رہے اسی ترمیمی قانون کی شق کے تحت 20 مارچ کو نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔ بامبے ہائی کورٹ کی ڈویژن بنچ کے الگ الگ فیصلے کے بعد کیس ہائی کورٹ کے تیسرے جج کے پاس چلا گیا تھا۔انفارمیشن ٹیکنالوجی (انٹرمیڈیری گائیڈ لائنز اینڈ ڈیجیٹل میڈیا ایتھکس کوڈ) رولز 2021 میں ترمیم کرکے مرکزی حکومت کے متعلق خبروں کی ترسیل نیز آن لائن گیمنگ ( جوا) پر نظر رکھنے کا اختیار دیا گیا تھا۔ ان ترمیمی ضوابط کے تحت وزارت اطلاعات فیکٹ چیکنگ کا ایک ادارہ قائم کرے گی جسے مرکزی حکومت کے کسی کام کے متعلق شائع خبر کو فرضی، جعلی یا گمراہ کن قرار دینے کا اختیار ہوگا۔ خبر قارئین و ناظرین تک پہنچا نے میں Intermediaries ہوتے ہیں ۔ ان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم، ای کامرس کمپنیاں اور ویب ہوسٹنگ ( میزبان )سروسز وغیرہ شامل ہیں ۔ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے پابند ہوں گے کہ کوئی صارف ایسی معلومات کی میزبانی، ڈسپلے یا شیئر نہ کرے جسے فرضی قرار دیا گیا ہے ۔ اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو وہ اپنا پلیٹ فارم چلانے کے استحقاق سے محروم ہو جائیں گے۔ یہ سوشل میڈیا کے ثالثوں کو ان کے صارفین کے ذریعے آن لائن پوسٹ کیے گئے مواد کے لیے قانونی کارروائی سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔ان ترامیم کی رو سے اگر کوئی عدالت یا حکومت کسی ثالث کو آگاہ کرتی ہے کہ ان کے پلیٹ فارم پر جعلی خبروں کا لیبل لگا ہوا ہے تو اسے یہ مواد 36 گھنٹوں کے اندر حذف کرنا ہوگا۔ گزشتہ سال جنوری میں 2021انفارمیشن ٹیکنالوجی قانون میں یہ تبدیلیاں سب سے پہلے حکومت نے ایک مسودہ کی شکل میں پیش کی تھیں اور تمام متعلقہ فریقوں اور عوام کو صرف سات دن کا وقت دیا تھا کہ وہ اس مسودہ کے بارے میں اپنی رائے سے حکومت کو آگاہ کریں ۔ چنانچہ متعدد میڈیا اداروں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کی طرف سے ان ترامیم کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا ۔ چونکہ ان ترامیم کے نتیجہ میں انٹرنیٹ پر خبروں کی ترسیل او ررپورٹنگ نیز آزادی اظہار کے حق کو شدید خطرات لاحق ہوگئے تھے، لہذا اس اختیار کو بروئے کار لاکر حکومت انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والوں ، سوشل میڈیا کمپنیوں اور سرچ انجنوں پر کسی بھی خبر کو جعلی قرار دے کر اس کی اشاعت کو روک سکتی تھی۔

    ماہرین کے مطابق یہ ترامیم غیرجانبدارانہ اور دیانتدارانہ رپورٹنگ میں قانونی بندشیں لگاتیں اور ایک طرح سے میڈیا پر سیلف سنسرشپ نافذ کر دیتیں ۔ ماضی میں بھی مرکزی حکومت کے زیر انتظام پریس انفارمیشن بیورو کے حقائق کی جانچ کرنے والے ادارہ نے محض حکومت کے بیانات کی بنیاد پر تنقیدی کوریج پر "جعلی” ہونے کا ٹھپہ لگا یا تھا ۔2021 میں میزبان میڈیا پلیٹ فارموں کے بارے میں جونئے ضوابط مرتب کیے گئے وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کے دائرہ کار کے منافی ہیں اور خبر رساں اداروں پر مواد کی اشاعت کے حوالے سے سخت بندشیں عائد کرتے ہیں ۔ ان مجوزہ ترمیم شدہ ضوابط کو پہلے ہی سے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔ 2021 میں بمبئی اور مدراس کی ہائی کورٹوں نے ان ضوابط کی بعض شقوں پر یہ کہہ کر عبوری امتناع عائد کیا تھا کہ یہ آزاد میڈیا کا گلا گھونٹتے ہیں اور اظہار رائے کے بنیادی حق کی خلاف ورزی کرتے ہیں ۔ حکومت کے اس نوٹیفکیشن کو فوری طور پر طنز نگار کنال کامرا، ایسوسی ایشن آف انڈین میگزینز، نیوز براڈکاسٹرز اینڈ ڈیجیٹل ایسوسی ایشن اور ایڈیٹرس گلڈ آف انڈیا نے بمبئی ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ مدعیوں نے یہ استدلال کیا تھاکہ اس سے آئین کی دفعہ 14 (مساوات کا حق) اور 19(1) (الف ) (آزادی اظہار اور اظہار رائے کا حق) کے ساتھ ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ 2000 کے سیکشن 79 (بعض امور میں میزبان کو مواخذہ سےمستثنیٰ رکھنے) کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ ان کے مطابق ترمیم شدہ ضوابط من مانے اور حکومت کو ا س کے اپنے مفاد میں منصف اور استغاثہ دونوں بناکر انصاف کے قدرتی اصول کی تنسیخ کر تے ہیں ۔ جسٹس گوتم پٹیل اور نیلا گوکھلے پر مشتمل دو ججوں کی بنچ نے اس مقدمہ کی سماعت کی۔ بنچ نے طویل سماعتوں کے بعد 31 جنوری کو اپنا الگ الگ فیصلہ سنایا تھا ۔ پٹیل نے مدعیوں کے حق میں فیصلہ سنایا اور ترامیم کو غیر آئینی قرار دیا لیکن گوکھلے نے ان کو آئینی طور پر درست قراردیا۔پٹیل نے اپنی دلیلوں میں دوسری باتوں کے علاوہ یہ دلیل بھی دی تھی کہ حکومت کی آواز سب سے بلند ہے اور اسے اپنے تحفظ کے لیے فیکٹ چیک یونٹ کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان ترامیم نے ڈیجیٹل اور پرنٹ میڈیا کے درمیان غیر منطقی تفریق کی ہے۔دوسری طرف گوکھلے نے اس بنیاد پر ترامیم کو برقرار رکھنے کا جواز پیش کیا کہ حکومت اپنے بارے میں درست حقائق فراہم کرنے کے لیے بہترین پوزیشن میں ہے اور یہ ترمیم شدہ ضوابط حکومت پر جائز تنقید یا سیاسی طنز کو متاثر نہیں کریں گے۔ ا ن کے فیصلے کی رو سے گمراہ کن اور جھوٹی خبروں کی لعنت کے سدباب کے لیے فیکٹ چیک یونٹ قائم کرنا ضرور ی ہے ۔ بمبئی ہائی کورٹ کے ضوابط کے مطابق عدالت کے چیف جسٹس نے گزشتہ ماہ اس منقسم و متضاد فیصلہ پر حتمی فیصلہ دینے کے لیئے ایک اور جج جسٹس اتل ایس چندورکر کا تقرر کیا۔اسی دوران مدعیوں نے ہائی کورٹ میں عرضیاں داخل کیں کہ حتمی فیصلہ آنے تک اس نوٹیفکیشن پر عبوری امتناع عائد کیا جائے۔ تاہم 11 مارچ کو چندورکر کی یک رکنی بینچ نے ان عرضیوں کو یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیا کہ بادی النظر میں فیکٹ چیکنگ ادارہ کے قیام کا اس میں کوئی ذکر نہیں کیا گیا ہے۔یک رکنی بنچ نے یہ معاملہ پٹیل اور گوکھلے کی اصل بنچ کے پاس واپس بھیج دیا۔13 مارچ کے اپنے حکم میں اصل بنچ کے گوکھلے نے چندورکر سے اتفاق کیا۔ اس طرح، عبوری اسٹے کی درخواستوں کو ججوں کی 2:1 کی اکثریت سے خارج کر دیا گیا۔ تاہم کامرا، ایڈیٹرز گلڈ اور ایسوسی ایشن آف انڈین میگزین نے فوری طور پر بامبے ہائی کورٹ کے حکم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا۔ اسی دوران حکومت نے فیکٹ چیک یونٹ تشکیل دینے کا اعلان کردیا ۔ اگلے ہی دن سپریم کورٹ کی ایک بنچ نے جس میں چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڈ اور جسٹس جے بی پاردی والا اور منوج مشرا شامل تھے مدعیوں کی عرضیوں کو منظور کرتے ہوئے چندورکر کی اصل درخواست ں پر حتمی فیصلہ تک زیر التواء نوٹیفکیشن پر روک لگا دی۔

    ایک مختصر حکم میں سپریم کورٹ نے کہا کہ ترامیم کو چیلنج کرنے سے آزادی اظہار اور اظہار رائے کے بنیادی حق سے متعلق سنگین آئینی سوالات اٹھتے ہیں اور بامبے ہائی کورٹ کو ان ضوابط کے مضمرات کا جائزہ لینا چاہیے تھا۔ سپریم کورٹ میں کامرا کے وکیل سینئر ایڈوکیٹ ڈیریوس کھمباٹا نے کہا کہ ایف سی یو کے قیام کے نتیجے میں ہر سوشل میڈیا اور میزبان حکومت کے خوف سے حکومت مخالف مواد کو ہٹا دے گا جس سے آزادی اظہار کے حق پر کاری ضرب لگے لگی ۔ صرف مرکزی حکومت کے کام کاج کو ہی غلط معلومات اور جعلی مواد سے تحفظ کی ضرورت کیوں ہے؟‘‘ کھمباٹا نے سوال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے مقابلے میں عام لوگوں کو فرضی مواد سے زیادہ تحفظ کی ضرورت ہے۔ کھمباٹا نے عدالت کو باخبر کیا کہ مرکز نے گزشتہ سال 27 اپریل کو ہائی کورٹ کو یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ اس وقت تک رول 3 کو لاگو نہیں کرے گا جب تک کہ عدالت حتمی فیصلہ صادر نہیں کرتی۔ انہوں نے لوک سبھا انتخابات شروع ہونے سے بمشکل کچھ دن پہلے 20 مارچ کو نوٹیفکیشن جاری کرنا کس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے ۔ گلڈز کے وکیل شادان فراست نے کہا کہ حکومت کے ذریعہ قائم کردہ ایف سی یو کا نتیجہ یہ ہوگا کہ سچائی پر صرف مرکز کی اجارہ داری قائم ہوجائے گی۔ جبکہ سرکاری وکیل سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے ایف سی یو کا دفاع کرتے ہوئے ماضی کے کئی واقعات کا حوالہ دیا جب سوشل میڈیا میں جھوٹی خبریں پھیلائی گئیں جس کے نتیجہ میں نقصان اور تشدد بھی ہوا۔ انہوں نے کہا کہ غلط مواد کے پھیلاؤ کے سدباب کے لیے موجودہ قانونی طریقہ کار ناکافی ہے ۔ تاہم عدالت نے سرکاری وکیل کی دلیلوں کو مسترد کرتے ہوئے نوٹیفیکشن پر عبوری امتناع کردیا۔ موجودہ حکومت اور حکمراں جماعت نے جس طرح میڈیا کے بڑے اداروں پر اپنا کنٹرول حاصل کرلیا ہے وہ اسی طرح انٹر نیٹ کے توسط سے چلنے والے ویب میڈیا پر بھی کنٹرول حاصل کرنا چا ہتی ہے تاکہ اس کی نکتہ چینی کرنے والا کوئی باقی نہ رہے ۔

    تازہ مثال ہندوتوا واچ ویب کی ہے جس کا ایکس اکاؤنٹ (سابقہ ٹویٹر) 16 جنوری کو بند کردیا گیا ۔ یہ ایک آزاد تحقیقی ویب سائٹ ہے جو ہندوستان کی مذہبی اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کے خلاف نفرت انگیز جرائم کے واقعات کو دستاویزی شکل میں پیش کرتی ہے۔ اس ویب سائٹ کے X ہینڈل پر 77ہزارسے زیادہ پیروکار تھے۔ اس کے بانی رقیب حمید نائیک نے بعد میں واضح کیا کہ سوشل میڈیا کمپنی نے بھارتی حکومت کی جانب سے انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ، (آئی ٹی ایکٹ) 2000 کی دفعات کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں ان کے اکاؤنٹ کو معطل کردیا ۔ نائک نے کہا کہ یہ اقدام حیران کن نہیں ہے کیونکہ وزیر اعظم نریندر مودی کا دور حکومت آزاد پریس ” اور منحرف آوازوں کو دبانے سے عبارت ہے ۔