Author: مدیر

  • اتر پردیش میں قانون کی  حکمرانی یا جنگل راج ؟

    اتر پردیش میں قانون کی  حکمرانی یا جنگل راج ؟

    ’’لو جہاد، مذہب کی تبدیلی اور گائے کی اسمگلنگ جیسی قوم مخالف سرگرمیوں کے تئیں ہمیں ہوشیار رہنا ہوگا۔ اگر کہیں کوئی شخص غلطی سے بھی اس قسم کی سرگرمیوں میں ملوث ہو تو اس کی اطلاع بروقت پولیس اور انتظامیہ کو فراہم کریں۔ علاج کا انتظام ہم خود کر لیں گے۔۔۔‘‘

    ’’یاد رکھنا ،جب بھی تم گستاخی کرو گے، تمہیں اسی طرح پیٹا جائے گا جیسے بریلی کے اندر پیٹا گیا تھا…‘‘

    ’’چھوٹے چھوٹے بچے، جن کے ہاتھوں میں قلم ہونا چاہیے، جن کے ہاتھوں میں نوٹ بک ہونی چاہیے، جن کے پاس سائنس اور ریاضی کی کتابیں ہونی چاہئیں، ان کے ہاتھوں میں   I Love Muhammad   کے پوسٹر ہیں… انہیں یہ بھی معلوم نہیں کہ ان کی اپنی زندگیاں تو برباد ہو ہی چکی ہیں، بلکہ یہ لوگ ان بچوں کی زندگیاں بھی برباد کرنے پر تلے ہوئے ہیں…‘‘

    ـ’’اگر بیٹی کی عصمت  پر ہاتھ ڈالنے کی کوشش کی، کسی تاجر  کی دکان کو آگ لگانے کی کوشش کی، یا کسی تہوار میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کی تو یہ راستہ سیدھا جہنم کی طرف جانے والا ہوگا…   ‘‘

    ’ گجوا(غزوہ) ہند‘ ہندوستان کی دھرتی  پر نہیں ہوگا۔ اگر کسی کو جہنم میں جانا ہو تو ’گجواہند‘ کے نام پر بدامنی پھیلانے کی مذموم کوشش کرے۔ دیر سویر ’چھانگو‘ جیسے حالات ان کے بھی ضرور ہوں گے…‘‘

    یہ  نمونہ کے چند بیانات ہیں۔ ان بیانات کو پڑھ کر کسی کا بھی   ذہن  فورا کسی غنڈے  یا موالی کی طرف جائے گا۔ ٹھہریئے !  یہ کسی غنڈے یا ڈان کی دھمکیاں نہیں ہیں بلکہ  ملک کی (آبادی کے

    اعتبارسے) سب سے بڑی ریاست  کے سربراہ حکومت کی ہیں اور ان کے  یہ بیانات  کے ویڈیو کلپ کے ساتھ سوشل میڈیا  ’ ایکس‘ ( سابق ٹوئٹر) پر بھی موجود ہیں۔ ان بیانات سے پہلی نظر میں اندازہ ہو جائے گا کہ اس ریاست کا سربراہ  وہاں کی دوسری بڑی مذہبی آبادی کے تئیں کس قدر بغض و عناد رکھتا ہے  جس کا مظاہرہ آئے دن ہورہا ہے۔

    اس وقت  اترپر دیش میں مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کرنے کا جو سلسلہ میں 2017 میں  یوگی آدتیہ ناتھ کے وزیر اعلیٰ بننے کے بعد شروع ہوا ہے اس میں کچھ زیادہ ہی شدت آگئی ہے۔  بی جے پی حکومت کے مبینہ ظالمانہ اور غیر قانونی اقدامات کی زد میں مسلمان، ان کے  مدارس، مساجد اور  مذہبی اہمیت کے حامل مقامات سب شامل ہیں۔ کوئی نہ کوئی عذر  اور بہانہ بناکر ان کو نشانہ  بنایا جارہا ہے۔ ریاست  میں مسلم مذہبی اداروں کے خلاف بڑے پیمانے پر انہدام اور بندش کی کارروائیوں نے  مسلم آبادیوں  میں  خوف اور غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔’غیر قانونی تعمیرات ‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بی جے پی کی قیادت والی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے 350 سے زائد مساجد، مدارس، عیدگاہوں اور درگاہوں کے خلاف کارروائی کی ہے  جن میں سے بیشتر نیپال سرحد کے قریب مسلم اکثریتی اضلاع میں واقع ہیں۔

     

    سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعلی یوگی کے براہِ راست احکامات  کی بنیاد  پر نیپال سے ملحق اضلاع میں مبینہ طور پر ’’غیر قانونی ‘‘ مذہبی عمارتوں کے خلاف  بلڈوزر چلایا گیا۔ جس  کے نتیجے میں 225 مدارس، 30 مساجد، 25 مقبرے اور 6 عیدگاہیں منہدم کی جا چکی ہیں۔ یہ کارروائی نیپال سرحد کے ساتھ واقع سات اضلاع میں مہاراج گنج، شراوستی، بہرائچ، سدھارتھ نگر، بلرام پور، لکھیم پور کھیری اور پیلی بھیت میں انجام دی گئی۔  حکام کے مطابق  صرف شراوستی میں 104 مدارس، ایک مسجد، پانچ مقبرے اور دو عیدگاہیں زمیں دوز کی گئیں۔ اسی طرح صرف مہاراج گنج ضلع  میں 29 مدارس اور پانچ مزارات بلڈوز کر دیے گئے، جب کہ  کم از کم 26 دیگر کو سیل کر دیا گیا یا نوٹس جاری کیے گئے۔ مقامی باشندے اسے ایک منظم طرزِ عمل کا حصہ سمجھتے ہیں جو انتقام اور تعصب  سے لبریز ہے۔

    تاہم یوگی حکومت نے اس اقدام کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ حساس سرحدی علاقوں سے غیر قانونی تعمیرات ہٹانے کے لیے پُرعزم ہے۔ حکام نے یہ  بودہ  عذر پیش کیا کہ  زمینوں سے متعلق  قوانین کی خلاف ورزیوں اور ممکنہ  سلامتی  خطرات  کے پیش نظر  انہدامی  کاروائی انجام دی گئی۔ ایک سرکاری ترجمان نے کہا کہ نیپال سرحد سے 10 تا 15 کلومیٹر کے دائرے میں کسی بھی غیر قانونی تعمیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ہماری زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت انتظامیہ ان علاقوں میں سخت جانچ جاری رکھے گی۔

    بہرحال اس یک طرفہ نوعیت کی  کارروائی کے خلاف سوال اٹھنا فطری ہیں کیوں کہ اس میں  صرف ایک مخصوص فرقہ کی املاک کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔ مختلف حلقوں  نے اس پر  شدید تنقید کی ہے۔

    مہاراج گنج  کے محمد عارف  نے جن کے دو بیٹے مدرسہ عربیہ مصباح العلوم میں زیر تعلیم تھے، جسے حال ہی میں سیل کیا گیا، کہا کہ  ’یہ اب قانونی مسئلہ نہیں رہا  یہ شناخت کا مسئلہ ہے۔ پیغام بالکل واضح اور  صاف ہے۔ اگر آپ مسلمان ہیں تو آپ کے ادارے بند کر دیے جائیں گے اور آپ کے بچوں کا مستقبل خطرے میں ڈال دیا جائے گا۔‘

    نو تنوا تحصیل کے گاؤں  پرس ملک  (Parsmalik)  میں واقع مدرسہ کو مقامی حکام نے بند کر دیا۔ ایس ڈی ایم نوین کمار پولیس کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور سرکاری منظوری نہ ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے احاطے کو سیل کر دیا  جب کہ  دیہاتیوں کا کہنا ہے کہ زمین برسوں پہلے قانونی طور پر الاٹ کی گئی تھی۔ ایک مقامی باشندے شفیق ملک نے کہا کہ ‘یہ ناانصافی ہے۔ یہ مدرسہ ہمارے بچوں کی خدمت کر رہا تھا۔ اب اسے ایسے سیل کیا جا رہا ہے جیسے کوئی مجرمانہ اڈہ ہو۔ کیا یہ جمہوریت ہے یا مسلمانوں کے خلاف انتقام؟‘

    پیلی بھیت، لکھیم پور کھیری، بہرائچ، شراوستی، بلرام پور اور سدھارتھ نگر جیسے اضلاع میں مسلم باشندوں کا کہنا ہے کہ ان کے  تعلیمی  اداروں  کو منظم طریقے سے ختم کیا جا رہا ہے  جب کہ  دیگر مذہبی  گروہوں کی مبینہ غیر قانونی تعمیرات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ سماجی کارکن نعیم انصاری نے یہ سوال کیا کہ بلڈوزر کبھی غیر مجاز مندروں یا آشرموں کے قریب  کیوں نہیں جاتے ؟ یہ قانون کی بالادستی کا معاملہ نہیں بلکہ مسلمانوں کو نشانہ بنانے کا معاملہ ہے۔

    اگرچہ  ریاست کا  اقلیتی بہبود محکمہ کا دعویٰ ہے کہ وہ غیر تسلیم شدہ مدارس کی نشاندہی کر رہا ہے لیکن ان میں سے کئی ادارے دہائیوں سے قائم ہیں جو مسلمانوں کی ملکیت والی زمین پر تعمیر ہوئے ہیں  اور معاشی طور پر کمزور خاندانوں کی تعلیمی  خدمت  انجام  دے  رہے ہیں۔

     

    بلرام پور کے مذہبی رہنما مولانا فہیم اختر نے  واضح الفاظ  میں کہا کہ  یہ ریاستی سرپرستی میں اسلاموفوبیا ہے۔ وہ ہمارے مذہب، ہماری ثقافت اور عوامی زندگی میں ہماری موجودگی کو مٹانا چاہتے ہیں۔ کئی معاملات میں مبینہ طور پر بغیر مناسب نوٹس یا قانونی عمل کے انہدام کیے گئے۔ بہرائچ کے ماہرِ تعلیم ڈاکٹر اعظم قریشی نے سوال اٹھایاکہ  کیا حکومت کسی انگلش میڈیم نجی اسکول کو اس طرح سیل کرے گی؟ کبھی نہیں۔ یہ  چن کر  سزا  دینے کے مترادف ہے۔ ان مدارس کو اچانک بند کرنے کے نتیجے میں طلبہ پر اس کا اثر خاص طور پر شدید رہا ہے۔ 16 سالہ مدرسہ طالب علم فیضان نے کہاکہ ہم صرف پڑھنے آتے تھے۔ اب ہمارا اسکول ختم ہو گیا ہے۔ وہ ہمیں مجرموں کی طرح سمجھتے ہیں۔ ہمارا مستقبل کیا ہے؟

    قانونی ماہرین کے مطابق یوگی  حکومت کے یہ اقدامات آئینی حقوق کی خلاف ورزی  ہے ۔ ایڈووکیٹ اسلم صدیقی نے  جو قانونی چیلنج کی تیاری کر رہے ہیں کہا کہ اگر قوانین نافذ کرنے ہیں تو پھر سب پر یکساں طور پر ہونے چاہئیں۔ صرف مسلمانوں کو نشانہ بنانا غیر قانونی اور امتیازی سلوک ہے ۔

    بہرائچ میں  مہاراجہ سہیل دیو میڈیکل کالج کے احاطے میں واقع  دس مزاروں کو  غیر قانونی تجاویزات  کہہ کر  مہندم کردیا  گیا ۔ بہرائچ کے  کٹنیا گھاٹ کے جنگلات میں واقع  سات سو قدیم لکڑ شاہ بابا مزار کو  بھی مہندم کردیا گیا۔  اسی طرح لکھنو کے میڈیکل کالج میں اسی طرح کی انہدامی کارروائی انجام دی گئی۔ دیوریا  میں  عبدالغنی شاہ بابا کے مزار کو توڑ دیا گیا۔ جس پر غیر مسلم زائرین نے بھی انتہائی افسوس کا اظہار کیا۔  اس  درگاہ کے خلاف مقامی بی جے پی ایم ایل اے  شلبھ منی ترپاٹھی  نے باربار یہ شکایت کی کہ یہ  مزار ایک سرکاری زمین پر تعمیر کیا گیا ہے۔جس پر مقامی انتظامیہ فورا حرکت میں آگئی۔ یہ دیکھنے میں آرہاہے کہ  آر ایس ایس یا بی جے پی سے تعلق رکھنے والا کوئی فرد   مسلمانوں کی املاک  کے  بارے میں شکایت کرتا ہے اور  انتظامیہ فورا حرکت میں آجاتی ہے ۔ ا یسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ کوئی گہری سازش کا حصہ ہے ۔ سنبھل کی جامع مسجد، دہلی کی مسجد فیض الہی اور ایسی درجنوں مثالیں ہیں  جنہیں  سنگھی  حامیوں کی شکایت پر  نشانہ بنایا گیا۔  دیوریا درگاہ کمیٹی  کے صدر  محمد رشید خان  نے کہا کہ  انتظامیہ  نے از خود کارروائی شروع کی اور یہ دھمکی دی کہ  ہمارے خلاف بھی  اسی  طرح  فرد جرم عائد کردی جائے گی جس طرح سنبھل  واقعہ میں کی گئی تھی۔ اسی وجہ سے ہم نے بلڈوزر کارروائی کے کاغذات پر دستخط کیے۔

    چو طرفہ تنقید کے باوجود ریاستی حکام  اس کارروائی  کے پیچھے کسی فرقہ وارانہ محرک کی تردید کرتے ہیں۔ مہاراج گنج کے ایک سینئر افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ تمام غیر مجاز تعمیرات کے خلاف یکساں کارروائی ہو رہی ہے۔ کسی کو نشانہ نہیں بنایا جا رہا۔

    لیکن مقامی باشندے اس  بیان کو جھوٹ پر مبنی قرار دیتے ہیں۔ کیوں کہ جو کچھ ہورہا ہے وہ سب ان کے سامنے  ہے۔ریٹائرڈ استاد اسد علی نے کہاکہ یہ سفید  جھوٹ ہے۔ سب کچھ صاف نظر آ رہا ہے۔ ہمارے ادارے حملے کی زد میں ہیں۔ ہمیں سزا دی جا رہی ہے، ذلیل کیا جا رہا ہے اور پیچھے دھکیلا جا رہا ہے۔

    اس امر میں کوئی  دو رائے نہیں کہ آج کے اتر پردیش میں بلڈوزر محض ایک مشین نہیں رہا بلکہ یہ ریاستی  جبر کی علامت  بن گیا اور   اس سے  مسلمانوں کو یہ سیاسی پیغام  دیا جارہا ہے کہ  تم دوسرے درجہ کے شہری ہو جیسا کہ آر ایس ایس کے فکری رہنما  گولوالکر نے  اپنی کتاب میں کہا ہے۔  چنانچہ  مسلمانوں کے لیے ہر بند مدرسہ اور ہر منہدم مسجد ایک پیغام ہے کہ آپ کا یہاں کوئی مقام نہیں۔

    عارف نے لرزتی آواز میں کہاکہ ہم غیر قانونی نہیں ہیں۔ ہم ہندوستانی شہری ہیں۔ لیکن یہ حکومت ہمیں دشمنوں کی طرح برتاؤ کر رہی ہے۔ دنیا کب تک خاموش تماشائی بنی رہے گی؟

    مجموعی طور پر 200 سے زائد ’ غیر تسلیم شدہ ‘  مدارس اور دو درجن سے زیادہ  ’’غیر قانونی طور‘‘ پر تعمیر شدہ مساجد یا مزاروں کو یا تو سیل کر دیا گیا، منہدم کر دیا گیا یا  ریونیو کوڈ کی دفعہ 67 کے تحت نوٹس جاری کیے گئے۔

     

    دیوریا سے تعلق رکھنے والے  تاریخ داں اور صحافی  ڈاکٹر اشوک کمار پانڈے نے مزار کے انہدام کی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ  ملک بھر میں ہزاروں مندر ہیں جو سرکاری زمینات  پر غیر قانونی طریقے سے تعمیر کیے گئے ہیں لیکن ان کے خلاف  کبھی انہدامی کارروائی نہیں ہوتی۔ بلڈوزر کا چن کر استعمال اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ حکومت ایک مخصوص طبقہ کو نشانہ بنا رہی ہے۔

    بہرحال اس  یک طرفہ ،  چن کر  کسی  مخصوص  فرقہ کونشانہ بنانے  اور  انتظامیہ کے  غیر قانونی طرز عمل کو  جائز  ٹھہرانے کے خلاف  شدید ردعمل سامنے آرہا ہے ۔ مگر سوال یہ ہے کہ سپریم کورٹ جس نے بلڈوزر کارروائی کے سلسلہ میں کچھ رہنما ہدایات جاری کی تھیں وہ از خود ان غیر قانونی کارروائیوں کا نوٹس کیوں نہیں لیتی۔ بہر حال ان  متعصبانہ  کارروائیوں سے یہ تاثر تقویت پاتا ہے کہ اتر پردیش میں قانون کی حکمرانی ختم ہوگئی ہے!  یہ اس  اسمبلی الیکشن کی تیاری کا بھی عندیہ دیتی ہے جو اگلے سال  فروری میں  ہونا ہے۔

  • پیغام ربانی

    پیغام ربانی

     

    اے لوگو جو ایمان لائے ہو ، تم پر روزے فرض کر دیے گئے ، جس طرح تم سے پہلے انبیا کے پیروؤں پر فرض کیے گئے تھے ۔ اس سے توقع ہے کہ تم میں تقویٰ کی صفت پیدا ہوگی۔ چند مقرر دنوں کے روزے ہیں۔ اگر تم میں سے کوئی بیمار ہو ، یا سفر پر ہو تو دُوسرے دنوں میں اتنی ہی تعداد پوری کر لے۔ اور جو لوگ روزہ رکھنے کی قدرت رکھتے ہوں﴿پھر نہ رکھیں﴾ تو وہ فدیہ دیں۔ ایک روزے کا فدیہ ایک مسکین کو کھانا کھلانا ہے اور جو اپنی خوشی سےکچھ زیادہ بھلائی کرے ، تو یہ اسی کے لیے بہتر ہے۔ لیکن اگر تم سمجھو ، تو تمہارے حق میں اچھا یہی ہے کہ روزہ رکھو۔

    (سورۃ  البقرہ  آیت 183-184)

  • ناشر کا خط

    ناشر کا خط

    قارئین کرام

    السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ

    فروری کا شمارہ حاضر ہے۔

    اترپردیش آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست ہے۔ مسلمانوں کی آبادی بھی یہاں سب سے زیادہ ہے۔ مسلمانوں کی دینی، علمی، تہذیبی اور ثقافتی سرگرمیاں بھی سب سے زیادہ یہیں پر ہوتی ہیں۔ عصری علوم کی سب سے بڑی درس گاہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی بھی اسی صوبے میں موجود ہے۔ ملک کے سب سے ممتاز دینی مدارس  (دارالعلوم دیوبند، مظاہر العلوم، سہارن پور، ندوۃ العلماء لکھنؤ، جامعہ سلفیہ بنارس، جامعہ اشرفیہ مبارک پور، مدرستہ الاصلاح، سرائے میر اور جامعہ الفلاح، بلریا گنج، اعظم گڑھ) بھی یہیں موجود ہیں۔ مسلمانوں کے تمام مسالک، مکاتب فکر اور دینی و ملی جماعتوں کا بھی یہ مرکز ہے۔ آزادی کی لڑائی میں سب سے زیادہ حصہ لینے اور قربانیاں پیش کرنے کا اعزاز بھی اسی صوبہ کو حاصل ہے۔ ان سب خوبیوں اور اعزازات کے باوجود اس وقت سب سے زیادہ ستم ظریفی اور مسائل کا شکار بھی اسی صوبہ کے مسلمان ہورہے ہیں۔ ان کے حقوق پامال ہورہے ہیں، ان کی آزادیاں سلب ہورہی ہیں، ان کی مساجد پر آئے دن حملے ہورہے ہیں، ان کے مدارس غیر قانونی طریقوں سے بند کئے جارہے ہیں اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی انتظامیہ کو عملا یرغمال بنالیا گیا ہے۔ ان کی آبادیوں کو جگہ جگہ بلڈوز کیا جارہا ہے۔ شر پسند عناصر کی زہریلی اور نفرتی تقاریر کا سیلاب آیا ہوا ہے۔ لنچنگ کے واقعات میں لگاتار اضافہ ہورہا ہے۔ گھر میں نماز پڑھنا بھی اب جرم قرار دیا جارہا ہے۔اس بار کی سرورق کی کہانی ” اترپردیش میں قانون کی حکمرانی یا جنگل راج؟” میں سینئر صحافی عبدالباری مسعود ان تمام امور کا تجزیہ کیا ہے۔

    مغربی بنگال کے ریاستی انتخابات قریب ہیں لیکن ریاست میں ایس آئی آر  کے نام پر آتنک مچا ہوا ہے اور شہریوں کے لئے اپنی شناخت ثابت کرنا ایک مسئلہ بنا ہوا ہے، ایسے میں انتخابات کے محور سے ترقیاتی ایجنڈا پس پشت جا پڑا ہے، ان سب امور پر سیر حاصل بحث کی ہے صحافی نوراللہ جاوید اپنے مضمون” بنگال کی سیاست۔ ایس آئی آر اور شناخت کا خوف”میں۔

    نفرتی سیاست میں اس وقت سرفہرست اترا کھنڈ ہے۔ جہان ایک طرف نفرتی اور زہریلی تقاریر کا بازار گرم ہے وہیں دوسری طرف حکومتی سطح سے مسلمانوں کے خلاف مسلسل اقدامات ہورہے ہیں۔ پہلے یونیفارم سول کوڈ نافذ کیا گیا، اب مسلمانوں پر دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ وہ یو سی سی قانون کے تحت اپنی شادیان رجسٹرڈ کروائیں۔ مسلمانوں کی کئی بستیان بلڈوزر کی زد میں آچکی ہیں وہیں پر جگہ جگہ حملے ان پر  بھی ہورہے ہیں۔ دھانی حکومت نے ایک قانون لا کر نہ صرف مدرسہ بورڈ کو ختم کیا بلکہ نئے اقلیتی قانون کے ذریعہ انُ کے نظام تعلیم اور نصاب تعلیم پر تیشہ چلایا جارہا ہے۔ گزشتہ  دنوں اسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (APCR) کی ایک ٹیم نے ریاست کا دورہ کیا اور ایک مشاہداتی رپورٹ ریلیز کی۔ ادارہ کی جانب سے اس رپورٹ پر مبنی ایک خصوصی مضمون ملاحظہ فرمائیں” اتراکھنڈ۔ تشدد کی سیاست اور ریاستی ادارے”۔

    ان کے علاوہ کئی اہم موضات پر متعدد خصوصی مضامین آپ کے ذوق مطالعہ کو تسکین پہنچائیں گے۔

    جہان مسلم کے تحت  نامور صحافی سید خالد حسین نے "بنگلہ دیش کے عام انتخابات”، افتخار گیلانی نے "ایران میں عوامی احتجاج اور امریکہ و اسرائیل کا گھنانا کردار”اور ڈاکٹر محمد غطریف شہباز ندوی نے "ٹرمپ کا امن بورڈ۔ ایک استعماری ایجنڈا” پر بصیرت افروز معلومات فراہم کی ہیں۔

    رمضان المبارک کا موسم بہار ہم پر سایہ فگن ہے۔ مسعود محبوب خان ہمیں بتارہے ہیں کہ کیسے اس موسم بہار سے خوب خوب استفادہ کریں اپنے مضمون ” رمضان رسم سے روح تک”میں۔

    آپ کے تاثرات اور مشوروں کا انتظار رہے گا۔

    والسلام

    ناشر

  • بہار اسمبلی انتخابات: حیران کن نتائج۔ لاینحل سوالات

    بہار اسمبلی انتخابات: حیران کن نتائج۔ لاینحل سوالات

    نتیش کمار دسویں مرتبہ وزیر اعلیٰ کا حلف لے کر ایک بار پھر بہار کی کمان سنبھا ل چکے ہیں۔ نتیش کمار کی واپسی ایک ایسے وقت میں ہوئی جب کہ ان کی ذہنی و دماغی صحت پر سوالات کھڑے کیے جارہے تھے۔ یہ قیاس آرائی کی جا رہی تھی کہ اگر این ڈی اے کی واپسی بھی ہو گی تو نتیش کمار مہاراشٹر کے شنڈے کی طرح ڈراپ کر دیے جائیں گے۔ مگر نتیش کمار نہ شنڈے ہیں اور نہ ہی بہار مہاراشٹر ہے۔  بہار کی سیاست کا اپنا ایک الگ رخ ہے۔ آزادی کے 8 دہائی بعد بھی بہار کی سیاست برادری، ذات اور علاقائیت کے ارد گرد گھومتی ہے۔

     

    تاہم اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ 14 نومبر کو بہار اسمبلی انتخابات کے جو نتائج آئے ہیں اور این ڈی اے اتحاد نے جس طریقے سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، وہ نہ صرف حیران کن ہے بلکہ ناقابل یقین بھی ہے۔ دھاندلی، الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری اور ایس آئی آر پر اٹھتے سوالات کو اگر خارج کر دیا جائے تو یہ نتائج بھارتی جمہوریت کے جمود کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ نتائج آنے کے بعد یہ کہا جا رہا ہے کہ تیجسوی یادو کو وزیر اعلیٰ کے چہرے کے طور پر پیش کرنا انتہائی غلط فیصلہ تھا۔ بی جے پی اور اس کے اتحادیوں نے جنگل راج اور نتیش کمار کے بہتر حکمرانی کا تقابل کر کے این ڈی اے کے حق میں فضا سازگار کی ہے۔ مگر سوال یہ ہے کہ بہار میں آر جے ڈی کی حکومت کو 20 سال ہو چکے ہیں۔ اگر ’جنگل راج‘ ووٹروں کے لیے واقعی اہم ایشو تھا، تو یہ 2020 میں زیادہ اثر انداز ہونا چاہیے تھا، نہ کہ اب 5 سال مزید گزر جانے کے بعد؟ دوسرا سوال یہ ہے کہ کیا بہار نے 2020 کے مقابلے زیادہ ترقی کی ہے۔ سڑکیں اور بجلی کی صورت حال بہتر تو ضرور ہوئی ہے مگر کرپشن کی وجہ سے انفراسٹرکچر کا حال انتہائی ناقص ہے۔ نئے پل گر رہے ہیں، سڑکیں ٹوٹ رہی ہیں۔ چھوٹے شہر ٹریفک جام سے جوجھ رہے ہیں۔ تو سوال یہ ہے کہ کیا معمولی بہتری کی وجہ سے این ڈی اے کے حق میں فضا ہموار ہوئی ہے؟۔

     

    غربت، بے روزگاری اور نقل مکانی کی صورت حال جوں کی توں ہے۔ بہار اب بھی ملک کی غریب ترین ریاستوں میں سے ایک ہے۔ بے روزگاری میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ زرعی زمینیں چھوٹی ہیں اور خاندانوں کا پیٹ نہیں بھر سکتی ہیں، اس لیے لوگ بڑے پیمانے پر باہر کام کرنے کے لیے نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں۔ کووِیڈ سے پہلے کیے گئے ایک جائزے کے مطابق 65 فیصد گھرانے ترسیلات پر منحصر تھے۔ یہ حالت سماجی رشتوں پر بھی اثر ڈالتی ہے۔ مرد زیادہ تر باہر رہتے ہیں، صرف تہواروں پر لوٹتے ہیں۔ تعلیم اور صحت کی صورت حال بھی خراب ہے، نوجوان کوچنگ کے لیے دوسرے شہروں کا رخ کرتے ہیں۔ 2020 اور 2025 کے درمیان عام آدمی کی زندگی میں کوئی بنیادی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

     

    ‎اس کے باوجود 2025 میں این ڈی اے کا ووٹ شیئر 37.3 فیصد سے بڑھ کر 46.6 فیصد ہو جاتا ہے۔ جب کہ مخالف اتحاد کا ووٹ تقریباً وہیں برقرار رہتا ہے— 37.2 فیصد سے 37.9 فیصد۔ ووٹنگ میں بھی بڑی چھلانگ لگی۔ اس بار یہ 57 فیصد (2020) سے بڑھ کر 67 فیصد ہو گیا ہے۔ این ڈی اے اتحاد کی جیت کی شرح 83 فیصد تک پہنچ گئی جب کہ بی جے پی کی انفرادی جیت کی شرح 88 فیصد کے قریب ہے۔ ظاہر ہے کہ یہ حیران کن ہے۔ آج کا سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ کیا خواتین کے اکاؤنٹ میں محض 10,000 روپے کی منتقلی اور ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کے وعدے کی بنیاد پر بہار کے نوجوانوں نے اتنی بڑی تعداد میں این ڈی اے کے حق میں  ووٹنگ کر دی ہے۔

    ممکن ہے 125 یونٹ تک مفت بجلی، سماجی سیکورٹی پنشن میں تین گنا اضافہ، 75 لاکھ عورتوں کو 10,000 روپے اور 1 کروڑ نوکریوں کا وعدہ نے کام کیا ہو گا۔ بہار کے عوام یہ جانتی ہے کہ خواتین پر جو نوازش کی جا رہی ہے اس کی ادائیگی بہار کی ترقی کے لیے عالمی بینک سے حاصل کی گئی قرض کی رقم سے کی جا رہی ہے۔ اس سے ریاست کے خزانے پر بوجھ میں اضافہ ہو گا اور مہاراشٹر، پنجاب اور ہماچل پردیش اس کی قیمت چکا رہی ہے۔ اس کی وجہ سے بہار کی ترقی اور دیگر ضروری کام کاج ٹھپ ہو سکتے ہیں۔ یہ بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ بی جے پی کی تنظیمی طاقت، بے مثال محنت، بے پناہ سرمایہ، بیوروکریسی پر گرفت نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ ممکن ہے کہ سنہرے وعدے، خواتین کے اکاؤنٹ میں رقم کی منتقلی اور بی جے پی کی تنظیمی صلاحیت کا کردار رہا ہو گا مگر یہ اتنی بڑی جیت کی وجہ نہیں ہو سکتی ہے۔ اس لیے بہار انتخابات میں سیاسی جماعتوں کی شکست اور فتح کو کسی ایک جہت سے تجزیہ کر کے اصل حقیقت تک نہیں پہنچا جا سکتا ۔ جب کہ یہ حقیقت ہے کہ نتیش کمار کی حکومت پر کمزور گرفت، بدعنوانی میں اضافہ، لا اینڈ آرڈر کی بدترین صورت حال کا ادارک ہر بہاری شہری کو ہے۔

     

    دراصل بہار انتخابات میں ذات برادری اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ این ڈی اے اتحاد کے پاس ایک طرف جب کہ بی جے پی کی وجہ سے ہندوؤں کی اعلیٰ ذاتوں کی حمایت حاصل تھی، نتیش کمار کی موجودگی بہار کی انتہائی پسماندہ غیر یادو برادری کی حمایت حاصل کرنے کے لیے کافی ہوتی ہے۔ جیتن رام مانجھی، چراغ پاسوان اور اوپندر کشواہا کی این ڈی اے اتحاد میں شمولیت سے ووٹ بینک کا دائرہ کافی وسیع ہو گیا۔ اس کے مقابلے انڈیا اتحاد کا انحصار صرف مسلم اور یادو ووٹ پر تھا۔ کانگریس بہار کی ہندوؤں کی اعلیٰ ذاتوں میں جگہ بنانے میں مکمل طور پر ناکام رہی۔ ملاح طبقہ سے تعلق رکھنے والے ساہنی کو نائب وزیر اعلیٰ کا امیدوار بنا دیا گیا تھا مگر ساہنی برادری بھی آر جے ڈی اور کانگریس اتحاد کے ساتھ کھڑے ہوئے نظر نہیں آئے۔ 90 کی دہائی میں مسلم اور یادو کے درمیان بے مثال اتحاد تھا اور اس کا فائدہ آر جے ڈی کو ملتا تھا مگر یادوؤں کی موقع پرستی نے مسلمانوں کو دل برداشتہ کر دیا ہے۔

     

    بہار میں مسلمانوں کی آبادی 18 فیصد کے قریب ہے۔ سیمانچل کے 4 اضلاع پورنیہ، کشن گنج، ارریہ اور کٹیہار میں مسلمانوں کی اوسطاً آبادی 45 فیصد کے قریب ہے۔ جب کہ کشن گنج میں مسلمانوں کی آبادی 67 فیصد کے قریب ہے۔ متھلانچل کے اضلاع دربھنگہ، مدھوبنی، سیتامڑھی، سپول اور سہرسہ میں مسلمانوں کی آبادی 17 فیصد یا اس سے زائد ہے۔ مگدھ کے اضلاع میں مسلمانوں کی آبادی 10 سے 11 فیصد کے درمیان، مونگیر، بھاگلپور، بانکا اور آس پاس کے اضلاع میں بھی مگدھ کی طرح مسلم آبادی ہے۔  تاہم گزشتہ برسوں میں ملک کی سیکولر جماعتوں نے مسلم امیدواروں کو صرف ان حلقوں سے ٹکٹ دینے کو ترجیح دی ہے جہاں مسلم آبادی 30 فیصد سے زائد ہے۔ بہار میں ایسی سیٹیں ایک درجن سے بھی کم ہیں۔ 90 کی دہائی تک بہار کے ان حلقوں سے بھی مسلم امیدوار کامیاب ہوتے تھے جہاں مسلم ووٹروں کی تعداد 15 فیصد یا اس سے کم تھی۔ حالیہ برسوں میں ملک کی سیکولر سیاسی جماعتوں میں مسلم امیدواروں کی طرف اپنے ووٹ بینک کو منتقل کرنے کی صلاحیت میں کمی آئی ہے۔ اس میں سب سے زیادہ یادوؤں نے موقع پرستی کا مظاہرہ کیا ہے۔ 90 تک کانگریس کے دور میں مسلم، ہندوؤں کی اعلیٰ ذاتیں اور کچھ دلت برادری کے درمیان ایک طرح سے سماجی بندھن تھا۔ یہ بندھن مضبوط تھا۔ مگر منڈل کی سیاست اور بہار میں سوشلسٹ تحریک کے ابھرنے کے بعد مسلمانوں اور ہندوؤں کے اعلیٰ ذات کے درمیان غیر اعلانیہ سماجی معاہدہ ختم ہو گیا اور اب بہار کی ہندوؤں کی اعلیٰ برادری مکمل طور پر بی جے پی کی طرف منتقل ہو گئی ہے۔

    اس مرتبہ بہار کے مسلمانوں نے غیر ضروری طور پر ”نمائندگی“ کے سوال کو کافی بڑا بنا دیا تھا۔ مگدھ سے لے کر سیمانچل تک مسلمانوں کی زبان پر نمائندگی کا سوال ہی حاوی تھا۔ مکیش ساہنی کو مہا گٹھ بندھن کی طرف سے نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر پروجیکٹ کیے جانے کے بعد این ڈی اے اور ایم آئی ایم نے اس ایشو کو مہا گٹھ بندھن کے خلاف استعمال کر لیا کہ بہار کی 2 فیصد آبادی پر مہربانیاں اور 18 فیصد مسلمانوں کو آبادی کے اعتبار سے ٹکٹ بھی نہیں۔ بہت حد تک یہ سوال کافی اہم بھی رہا۔ مگر سوال یہ ہے کہ کیا بہار کے مسلمانوں کا واحد مسئلہ نمائندگی کا ہے؟ ظاہر ہے کہ 2023 میں کیے گئے ذات سروے کے اعداد و شمار میں مسلمانوں کو انتہائی پسماندہ برادری کے طور پر شمار کیا ہے۔ بہار میں آج بھی اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں مسلم طلبا کی نمائندگی کی شرح آبادی کے اعتبار سے انتہائی کم ہے۔ 4 فیصد سے بھی کم مسلم طلبا اعلیٰ تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ سیمانچل جہاں سے ایم آئی ایم نے پورا انتخاب مسلم نمائندگی کے سوال پر مقابلہ کیا اور 5 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی۔ مگر کئی ایسی سیٹیں جہاں مسلمانوں کی آبادی 60 فیصد سے زائد ہے، وہ سیٹیں این ڈی اے کے امیدوار جیتنے میں کامیاب ہو گئے۔ کیوں کہ مسلم امیدواروں کے درمیان بڑے پیمانے پر ووٹوں کی تقسیم ہوئی۔ سیمانچل کا بڑا مسئلہ تعلیمی پسماندگی ہے مگر انتخاب میں اس کو موضوع نہیں بنایا گیا۔

    بہار انتخابات کے نتائج کو اگر قریب سے دیکھا جائے تو کم سے کم 3 درجن ایسی سیٹیں ہیں جہاں مسلم ووٹوں کی بڑے پیمانے پر تقسیم ہوئی اور اس کا فائدہ این ڈی اے اتحاد کو ملا۔ ایسا بھی نہیں ہے کہ مسلم ووٹروں نے صرف ایم آئی ایم کو ووٹ دیا بلکہ جن سوراج اور بہوجن سماج وادی پارٹی کے مسلم امیدواروں نے بھی ان حلقوں میں ووٹ حاصل کیے جہاں مسلم آبادی 15 فیصد سے کم ہے۔ پورے بہار کے انتخاب میں مسلم ووٹروں میں حکمت عملی کا فقدان نظر آیا۔ اسی کا خمیازہ ہے کہ اس مرتبہ محض 11 مسلم ممبر اسمبلی ہی کامیاب ہو سکے ہیں اور ان سیٹوں پر بھی مسلم امیدوار شکست سے دو چار ہو گئے جہاں جیت آسانی سے مل جاتی تھی۔ سوال یہ ہے کہ کیا قیادت کے نام پر جن سوراج، بہوجن سماج پارٹی، چندر شیکھر ازاد کی پارٹی اور تیج پرتاب یادو کی پارٹی کے مسلم امیدواروں کو ووٹ دینا غیر سیاسی حکمت عملی نہیں تھی؟ اس طرح دیکھا جائے کہ مسلم تنظیمیں (سول سوسائٹی) کی یہ ناکامی تھی۔ وہ مسلم نوجوانوں کی رہنمائی نہیں کر سکے جو "اپنا ووٹ اور اپنی قیادت” کے نعرہ مستانہ میں جھوم رہے تھے۔ انہیں یہ نہیں بتایا کہ تکثیری معاشرے میں سماجی معاہدے اور تال میل کے بغیر اپنے مفادات کا تحفظ اور بقائے باہمی کا ماحول قائم نہیں ہو سکتا ہے۔ بہار کی بدلتی ہوئی سیاست نے مسلم ووٹروں کے سامنے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ کیا بہار میں مسلم سیاسی لیڈر شپ صرف سیمانچل تک محدود رہ جائے گی؟ کیا بہار جیسی ریاست میں جہاں مسلمانوں کی آبادی محض 18 فیصد ہے، وہاں مسلم لیڈر شپ کے سوال کو اہم بنا دینے کا فائدہ "ہندوتو” کی سیاست کرنے والے نہیں اٹھائیں گے؟ اور آخری سوال یہ ہے کہ چند سیٹوں پر کامیابی حاصل کرنا زیادہ اہم ہے یا ہم خیال اور سیکولر سیاست کرنے والی سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر اقتدار تک پہنچ کر حالات اور فضا کو سازگار بنانا ضروری ہے؟ یہ وہ سوالات ہیں اگر اس کے جواب تلاش کر لیے گئے تو مستقبل میں بہار کے مسلم ووٹرس اپنے لیے راہ طے کر سکتے ہیں۔ ورنہ بہار کی 18 فیصد مسلم آبادی کے ووٹرس کی اہمیت صرف سیمانچل تک محدود ہو کر رہ جائے گی۔ ایک دہائی سے قبل تک بہار کے بیشتر اضلاع میں مسلم سیاسی لیڈر شپ تھی مگر اب مکمل طور پر صرف ایک علاقے تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔

     

    بہار انتخابات کے جو نتائج سامنے آئے ہیں اس میں ایک بڑا رول خواتین ووٹرس کا ہے۔ اسمبلی انتخابات سے چند ماہ قبل 26 ستمبر کو وزیر اعظم نریندر مودی نے "مکھیہ منتری مہیلا روزگار یوجنا” شروع کی۔ اس اسکیم کے تحت 75 لاکھ خواتین کو چھوٹے کاروبار شروع کرنے کے لیے 10,000 روپے براہِ راست ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کیے گئے، اور کاروبار کامیاب ہونے پر یہ رقم 2 لاکھ روپے تک بڑھانے کا وعدہ کیا گیا۔ اس کے چند ہفتے بعد 3 اکتوبر کو مزید 25 لاکھ خواتین کو 10,000 روپے کی دوسری قسط، پھر 7، 17 اور 24 اکتوبر کو دیگر قسطیں منتقل کی گئیں۔ اس طرح انتخابات سے عین قبل ریاستی خزانے سے کل 12,500 کروڑ روپے 1.25 کروڑ خواتین کے اکاؤنٹس میں منتقل کیے گئے۔ یہ ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کی کھلم کھلا خلاف ورزی تھی۔ بہار انتخابات کا شیڈول 6 اکتوبر کو اعلان ہوا، یعنی اسی دن سے ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ (MCC) نافذ ہو گیا۔ ایم سی سی کے اصولوں کے مطابق اقتدار میں موجود جماعت انتخابات کے دوران کوئی مالی گرانٹ، ویلفیئر اسکیم یا اختیاری فنڈز سے ادائیگیوں کا اعلان نہیں کر سکتی، کیوں کہ یہ ووٹروں کو متاثر کرنے کی واضح کوشش ہوتی ہے۔ مگر این ڈی اے حکومت نے بالکل پرواہ نہیں کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 31 اکتوبر (پہلے مرحلے سے 6 دن پہلے)، 7 نومبر (دوسرے مرحلے سے 4 دن پہلے) اور یہاں تک کہ 14 نومبر کو بھی قسطیں منتقل کی گئیں۔ انتخابات 6 اور 11 نومبر کو ہوئے۔ یعنی نیتی آیوگ کے ملٹی ڈائمینشنل پاورٹی انڈیکس میں سرفہرست بہار میں خواتین کو 10,000 روپے کی نقد رقم انتخابات سے ٹھیک پہلے اور انتخابی مہم کے دوران دی گئی۔ آر جے ڈی ایم پی منوجھا نے 1 نومبر کو الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر شکایت کی کہ بہار حکومت نے 17، 24، 31 اکتوبر اور 7 نومبر کو رقم منتقل کر کے ایم سی سی کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی، مگر کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ الیکشن کمیشن کا کردار جانبدارانہ اور افسوس ناک حد تک مایوس کن رہا ہے۔ ایس آئی آر نے کافی اہم رول انجام دیا ہے۔ انگریزی ویب سائٹ دی کوئنٹ کی ایک رپورٹ میں ووٹر لسٹ میں بڑے پیمانے پر ناموں کے اخراج سے  بی جے پی اور این ڈی اے اتحاد کو کم سے کم 95 سیٹوں پر کامیابی ملی ہے۔ ان 95 سیٹوں پر اتنی ہی مارجن سے کامیابی ملی ہے جتنے یہاں ووٹ کاٹے گئے تھے ۔

     

    تاہم اس سوال کا جواب کسی کے پاس بھی نہیں ہے کہ ایک ایسا خطہ جس کا ملک کے سب سے پسماندہ علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔ جہاں پڑھے لکھے نوجوانوں کے لیے ملازمت کی کوئی امید نہیں ہے، بوڑھوں کے لیے صحت کا قابلِ اعتماد نظام نہیں، سماجی و معاشی عدم مساوات بے لگام ہو چکی ہے، اور پولیس–بیوروکریسی عام لوگوں کے لیے صرف بخشی اور کرپشن کا دوسرا نام ہے۔ اس کے باوجود ایک ایسی سیاسی جماعت جو گزشتہ دو دہائیوں سے اقتدار میں ہے، وہ بڑے مینڈیٹ کے ساتھ واپس آتی ہے تو بھارت کی جمہوریت کا جمود اور سیاسی موبوکریسی کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے۔ دو دہائی سے اقتدار میں رہنے والی جماعت صرف اس بنیاد پر انتخاب لڑتی ہے کہ "متبادل ہم سے بدتر ہے” اور الیکشن سے ذرا پہلے کچھ نقد امداد تقسیم کر دیتا ہے— اور پھر بہار کی ہر 4 میں سے 3 نشستیں جیت کر واپس اقتدار میں آ جاتی ہے۔ جن سوراج کے مکھیا پرشانت کشور ایک ماہر سیاسی حکمت عملی کار ہیں۔ انہوں نے کئی سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں کامیابی دلائی ہے۔ انہوں نے گزشتہ دو سالوں سے بہار میں محنت کی، پدیاترا کی، تعلیم، روزگار، صحت جیسے بنیادی مسائل کو اٹھایا، اس کے باوجود ایک بھی سیٹ نہیں لے سکے۔ تو پھر یہ سوال لازمی ہے کہ ایسی جمہوریت کو کیا نام دیا جائے ؟

    مگر آخری سوال یہ ہے کہ کیا اس صورت حال کے لیے شکست سے دو چار ہونے والی پارٹیاں عوام کو مورد الزام ٹھہرا کر مطمئن ہو سکتی ہیں۔ دراصل یہ عوام سے زیادہ اپوزیشن جماعتوں کی ناکامی ہے۔ بہار کی حزب اختلاف بالخصوص راشٹریہ جنتا دل اور کانگریس ایک ترقی پسند اتحاد کو متحرک کرنے میں ناکام رہی ہیں کیوں کہ ان کے پاس ترقی پسند حلقوں کو متحرک کرنے کے لیے ڈیزائن کردہ کوئی تنظیمی نظریہ نہیں تھا۔ تنظیمی نظریہ سے ہمارا مطلب معاشرے کو تبدیل کرنے کے مقصد سے خیالات کا ایک ہم آہنگ مجموعہ۔ مسلسل سیاسی جدوجہد کے ذریعے اس نظریہ کو نافذ کرنے کا آلہ ہے۔ یہاں نظریہ کے طور پر صرف بیان بازی اور اہم اعلانات پر ہی انحصار تھا۔ المیہ یہ ہے کہ سیکولر نظریات کی دعویدار پارٹیاں 5 سال تک عوام میں اپنے نظریات کی حفاظت کے لیے کوئی بھی کام نہیں کرتی ہیں۔ دوسری طرف کی پارٹیاں سال بھر کام کرتی ہیں تو سوال یہ ہے کہ جیت پھرکس کی ہو گی؟۔

  • لال قلعہ کے پاس کار دھماکہ- ایک معمہ

    لال قلعہ کے پاس کار دھماکہ- ایک معمہ

    دارالحکومت دہلی کے قلعہِ معلی (لال قلعہ) کے قریب میٹرو اسٹیشن کے باب اول پر 10 نومبر کی شام کو ہونے والا ـ’کار دھماکہ‘ اب بھی ایک معمہ بنا ہوا ہے جس میں 13 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ کیوں کہ وہاں کھڑی سی این جی (گیس سلنڈر پھٹنے سے) کاریں بھی زد میں آئیں جس نے دھماکے کو خوفناک بنا دیا۔ یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب کہ بہار میں رائے دہی کا دوسرا مرحلہ شروع ہونے میں محض 12 گھنٹے باقی تھے۔ دہلی پولیس نے ابتدائی طور پر کہا کہ یہ ایک ’’اتفاقی دھماکہ‘‘ ہو سکتا ہے۔ تاہم اس واقعے کی آڑ میں حسب سابق کی طرح بالا دست طبقات کے زیر کنٹرول، ہندوتو نواز میڈیا نے چشم زدن میں (ذرائع (Sources) کے حوالے سے) ایک پورے مذہبی فرقہ کو نشانہ بنانے کا نفرت انگیز اور جھوٹ پر مبنی سلسلہ شروع کر دیا۔ جب کہ حکومت کی طرف سے اس پر اس وقت تک کسی قسم کا ردِعمل سامنے نہیں آیا تھا۔

    بہرحال، پورے 48 گھنٹے بعد کابینہ کی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا مگر اس میں صرف ایک معمولی نوعیت کی قرارداد منظور کی گئی جس میں اس واقعہ کو ’دہشت گردانہ‘ کارروائی قرار دیا گیا۔ ماضی کے برعکس نہ اس قرارداد میں کسی تنظیم کا نام لیا گیا اور نہ ہی کسی ملک پر الزام عائد کیا گیا۔  یہ رویہ اس جارحانہ ردِعمل سے بالکل مختلف تھا جس کی دھمکی وزیرِاعظم نریندر مودی نے 12 مئی کو ’آپریشن سندور‘ روکنے کے فوراً بعد دی تھی کہ “اب اگر کوئی دہشت گردی کا واقعہ ہوتا ہے تو فوراً جوابی کارروائی کی جائے گی۔ ’آپریشن سندور‘ ختم نہیں ہوا ہے بلکہ اس میں توقف کیا گیا ہے۔ انڈیا کسی قسم کی جوہری دھمکی برداشت نہیں کرے گا۔ ایسے تمام دہشت گرد ٹھکانوں پر فیصلہ کن حملے کرے گا جو جوہری بلیک میلنگ کی آڑ میں پروان چڑھ رہے ہیں… نیز دہشت گردی کو سرپرستی دینے والی حکومت اور دہشت گردی کے منصوبہ سازوں کے درمیان کوئی امتیاز نہیں برتا جائے گا۔ اگر انڈیا پر کوئی دہشت گردانہ حملہ ہو گا تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا”۔ لیکن اب کی مرتبہ کا بیانیہ ایسے تیز و تند فقروں سے خالی تھا۔

    اس پر فقرہ کستے ہوئے اپوزیشن کانگریس نے وزیر اعظم نریند مودی کو یہ یاد دلایا کہ آپ نے کہا تھا کہ ہر دہشت گردانہ حملہ  ’’جنگی کارروائی‘‘ تصور کیا جائے گا۔ اور کیا یہی ’’نیا معمول‘‘ اس واقعے پر بھی لاگو ہو گا؟

    حکومت کی خاموشی اور درباری میڈیا:

    ادھر حکومت کی خاموشی نے درباری میڈیا کو اپنی پرانی روش ترک کرنے پر مجبور نہیں کیا۔ کئی معروف ٹی وی چینلوں اور اخبارات نے غیر مصدقہ خبروں کا بازار گرم کر دیا جس کا مقصد سب جانتے ہیں کہ حکمران جماعت کے ایجنڈے کو تقویت فراہم کرنا۔ یہ میڈیا اپنے منفی پروپیگنڈا میں اس قدر آگے بڑھ گیا کہ اس نے بلا ثبوت اس دھماکے میں ’ترک‘ زاویہ تلاش کرنا شروع کر دیا۔ اس پر انقرہ نے سخت ردِعمل کا اظہار کیا اور اسے ’’ایک بدنیتی پر مبنی جھوٹی مہم‘‘ قرار دیا جس کا مقصد دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات کو نقصان پہنچانا ہے۔

    پے درپے گرفتاریاں:

    ملک بھر میں اچانک ہونے والی گرفتاریاں— کیا یہ پہلے سے لکھی ہوئی اسکرپٹ ہے؟ حالانکہ دھماکے کی وجہ پر کوئی واضح بیان سامنے نہیں آیا۔ دھماکے میں کس قسم کا بارودی مادہ استعمال ہوا ہے؟ کیا اس کا تعلق جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے شبہ میں گرفتاریوں کا جو نیا سلسلہ شروع ہوا ہے اس سے ہے؟ روز نامہ ٹریبیون کے مطابق دھماکے کے جائے وقوع پر نہ کوئی گڑھا، نہ بم کے ذرات اور نہ ہی آر ڈی ایکس کے سراغ ملے ہیں۔ اس واقعے سے پہلے پولیس نے 2,900 کلو گرام بارودی مواد ضبط کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ اب سوال یہ  پیدا ہوتا ہے کہ اتنی بڑی مقدار میں یہ مواد ایک مقام سے دوسرے مقام پر کیسے منتقل ہوا؟ کیا اس میں کوئی غیبی ہاتھ تھا؟ انٹیلی جنس کی ناکامی پر کوئی سوال نہیں اٹھاتا ہے۔ بہر حال کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے یہ سوال اٹھایا کہ ’’سنگین انٹیلی جنس ناکامیوں‘‘ کے باوجود اتنی بڑی مقدار میں بارودی مواد دارالحکومت سے محض 20 کلومیٹر کے فاصلے (فریدآباد) تک کیسے پہنچ گیا؟ کھیڑا نے سوال کیا کہ بار بار ہونے والی ’’انٹیلی جنس ناکامیوں‘‘ کے باوجود کیا وزیر داخلہ امیت شاہ کو اپنے عہدے پر برقرار رہنا چاہیے؟ انہوں نے یاد دلایا کہ 26/11 ممبئی حملوں کے دوران اس وقت کے وزیر داخلہ نے اخلاقی بنیاد پر استعفیٰ دے دیا تھا۔ کانگریس رہنما نے حکومت پر تنقید کی کہ اسے لال قلعہ دھماکے کو دہشت گردانہ حملہ قرار دینے میں تقریباً 48 گھنٹے لگ گئے۔ انہوں نے کہا، ’’تین دن تک کنفیوژن اور قیاس آرائیاں چلتی رہیں جب کہ سرکاری تصدیق میں تاخیر کی گئی۔ عوام کو یہ جاننے کا حق ہے کہ آخر اس حملے کو دہشت گردی قرار دینے میں اتنی دیر کیوں کر ہوئی — اور دارالحکومت کے قلب میں حفاظتی اقدامات ایک بار پھر کیوں کر ناکام ہوئے؟‘‘

    وہائٹ کالر ٹرزم:

    جموں و کشمیر کی پولیس نے، جو اب وفاقی حکومت کے ماتحت ہے، ڈاکٹر، عدیل احمد راتھر اور مزمل احمد گنائی کو گرفتار کیا ہے جن کا تعلق مبینہ طور پر اس دہشت گردوں کے اس گروہ سے بتایا گیا ہے۔ نئی اصطلاح "white collar terror ecosystem” پولیس کی طرف سے ایجاد کی گئی ہے۔ لیکن پولیس نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ کس نوع کا ‘academic networks’ ہے اور وہ کیا چاہتا ہے۔ ڈاکٹر عمر نبی کو خودکش بمبار بتایا جا رہا ہے لیکن ابھی تک ڈی این اے سے نعش اسی کی تھی، تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ کشمیر میں عمر نبی کے علاوہ دیگر 2 ڈاکٹروں کے مکانات پر بغیر کسی عدالتی چارہ جوئی کے بلڈوزر چلا دیا گیا۔

    اسی دوران ایک ویڈیو منظرِ عام پر آیا ہے جس میں ڈاکٹر محمد عمر نبی ’’شہادت کی کارروائیوں‘‘ کے بارے میں گفتگو کرتا دکھائی دیتا ہے۔ یہ ویڈیو، جو کہ مبینہ طور پر اس کے کسی پھینکے گئے فون سے برآمد ہوا ہے، بظاہر ایک ’’ٹوٹا پھوٹا‘‘ بیان ہے — بے ربط، ادھورا اور بے ترتیب — جس میں عمر خودکش حملوں کے ’’غلط سمجھے جانے والے‘‘ تصور کو نئے سرے سے پیش کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ تاہم، یہ ویڈیو تفتیش کاروں کے لیے کچھ مواد فراہم کرتا ہے جن کے بارے میں پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ایک ’’اتفاقی دھماکہ‘‘ تھا۔

    علاوہ ازیں الفلاح یونیورسٹی کے خلاف ایک محاذ کھول دیا گیا اور اس کے بانی چیئرمین جواد صدیقی کے اندور میں واقع آبائی مکان کو بلڈوز کیا جانا تھا مگر عدالت نے اس پر اسٹے لگا دیا۔ انہیں منی لانڈرنگ کے کیس میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    اسی طرح ملک بھر میں محض شبہ کی بنیاد پر اچانک گرفتاریوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ پہلے دہلی سے خبر آئی کہ ایک نوجوان کو "مشکوک سرگرمیوں” کے الزام میں اٹھایا گیا ہے۔ پھر لکھنؤ سے اطلاع ملی کہ ایک مدرس کے بیٹے کو پوچھ گچھ کے لیے لے جایا گیا ہے۔ اگلے چند گھنٹوں میں آسام کے دھوبری سے 2 افراد، گولپارا سے ایک ریٹائرڈ اسکول پرنسپل، سلچر سے ایک ٹیکسی ڈرائیور کو اٹھا لیا گیا۔ ایک دن کے اندر اندر 10 سے زیادہ مسلمانوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان گرفتاریوں میں نہ کوئی مشترک عنصر تھا، نہ پس منظر، نہ ایک جیسی سرگرمیاں، نہ کوئی سفر کا ریکارڈ، نہ کال ڈیٹا، نہ کوئی ثبوت۔ محض شبہ جو گرفتاریوں کے جواز کے لیے کافی ٹھہرا۔ کیوں کہ ان کا تعلق ایک مخصوص فرقہ سے ہے۔

    اس درمیان جموں و کشمیر پولیس نے جس مبینہ ’دہشت گرد ماڈیول‘ کی تحقیقات شروع کر رکھی ہیں، اس میں آٹھویں گرفتاری 40 سالہ ڈاکٹر شاہین سعید کی ہوئی ہے۔ شاہین سعید کا تعلق کانپور شہر سے ہے۔ وہ ’الفلاح یونیورسٹی‘ میں ڈاکٹر کے طور پر کام کر رہی تھیں۔ حکومتی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پولیس نے ان کی کار سے ایک رائفل برآمد کی ہے، کہ انہیں معلوم تھا کہ ان کی گاڑی بارودی مواد کی ترسیل کے لیے استعمال کی جا رہی ہے اور یہ کہ وہ وادیِ کشمیر کے باہر اس مبینہ گروہ کا ایک ’بیس‘ قائم کرنے کی کوششوں کا حصہ تھیں۔

    گرفتاریوں کی رفتار اتنی تیز تھی کہ کئی وکیل حیران رہ گئے۔ ایک سینئر قانونی ماہر نے کہا کہ ’اتنی جلدی کوئی انویسٹی گیشن مکمل نہیں ہو سکتی۔ یہ گرفتاریوں کی رفتار نہیں، ایک پلان کا شیڈول لگ رہا تھا۔‘ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ان سب پر "ممکنہ روابط” کا شک تھا۔ لیکن ’روابط‘ کی یہ دوڑ اس وقت مزید مشکوک ہو گئی جب کہ ایک عجیب تفصیل سامنے آئی۔ ہر گرفتار شخص کی تصویر میڈیا پر اسی دن چلی۔ فوٹو کے ساتھ اس کا شناختی کارڈ۔ نام، پتہ، تصویر، اور مذہبی شناخت سب کچھ ایک ہی بار میں۔ نوجوان طالب علم، مدرس، ریٹائرڈ پرنسپل سب کے شناختی کارڈ فوراً میڈیا کو فراہم کر دیے گئے۔ صحافیوں نے فوراً سوال اٹھایا کہ ’کیا سب لوگ دھماکے کے دن اپنا شناختی کارڈ جیب میں لیے گھوم رہے تھے؟‘

    ایک ریٹائرڈ پولیس افسر نے بتایا کہ ’زیادہ تر لوگ روزمرہ میں آدھار کارڈ یا پورا بٹوہ نہیں رکھتے۔ خاص طور پر اسکول کے اساتذہ یا بزرگ لوگ۔ اتنی یکسانیت… بہت عجیب ہے‘۔ انسانی حقوق کے ایک کارکن نے کہا کہ ’یہ شناختی کارڈ کم اور ایک ’بیانیاتی آلہ‘ زیادہ لگ رہے تھے۔ جیسے کسی نے پہلے ہی طے کر رکھا ہو کہ یہ افراد کون ہیں اور انہیں کس طرح پیش کرنا ہے۔’ شناختی کارڈوں کے ’بروقت دستیاب ہونے کا‘ ایک راست مطلب یہ نکالا جا سکتا ہے کہ تمام گرفتار ہونے والے ’مسلمان‘ ہیں۔

    گودی میڈیا کا بیانیہ:

    ان گرفتاریوں کے ساتھ ہی ٹی وی چینلوں میں ایک شور مچ گیا۔ اینکروں کی چیختی چنگھاڑتی بلند آوازوں میں ایک ہی بات گونجتی رہی کہ ’اسلامک ٹیرر نیٹ ورک بے نقاب‘، ’جیش یا لشکر کے سلیپر سیلز فعال‘، اور ’دہلی سے آسام تک جہادی ماڈیول‘ سرگرم وغیرہ۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ پولیس نے نہ تو کسی نیٹ ورک کا نام لیا، نہ کسی تنظیم کا، نہ کسی ثبوت کی تصدیق کی۔ لیکن درباری میڈیا پہلے ہی اس نتیجہ پر پہنچ چکا تھا۔ جیسے کوئی اسکرپٹ پہلے سے لکھی ہوئی ہو۔

    دھماکہ، شناختی کارڈ، مسلمان اور دہشت گردی کا بیانیہ۔

    ایک بڑے اخبار کے ایڈیٹر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ ’’حکومت کی طرف سے شدید دباؤ ہے کہ ہر واقعہ کو مذہبی عینک سے دیکھا جائے، خاص طور پر اگر یہ آگے چل کر کسی سیاسی فائدے کا ذریعہ بن سکے‘‘۔ ان گرفتاریوں کا سب سے گہرا زخم ان گھروں میں لگا جہاں پولیس نے اچانک دستک دی۔ آسام، گولپارا—ایک بوڑھے پرنسپل کی گرفتاری۔ 68 سالہ عبدالرشید صاحب ریٹائرڈ پرنسپل ہیں۔ پیر کو گھر میں بیٹھے قرآن پڑھ رہے تھے جب کہ پولیس نے دروازہ کھٹکھٹایا اور کہا کہ انہیں ’’پوچھ گچھ‘‘ کے لیے چلنا ہو گا۔

    دو دن بعد، ٹی وی پر ان کا شناختی کارڈ اور تصویر چل رہی تھی۔ ان کا تعارف تھا ’ممکنہ دہشت گرد‘۔ ان کی بیٹی نے روتے ہوئے کہا ’وہ ابّا جنہوں نے کبھی محلے کی سیاست تک نہیں کی، وہ دہشت گرد کیسے ہو گئے؟‘

    دہلی کے ایک طالب علم کی گمشدگی:

    انجینئرنگ کا ایک 22 سالہ طالب علم کوچنگ کلاس گیا تھا۔ شام کو گھر نہ لوٹا۔ اگلے دن پولیس کی پریس کانفرنس میں اس کی تصویر بطور ’سازش میں شامل فرد‘ دکھائی۔ اس کی ماں نے بس ایک بات کہی کہ ’’اگر وہ واقعی کچھ غلط کررہا ہوتا تو میں خود پولیس کے حوالے کر دیتی۔ لیکن میرا بیٹا…؟ یہ سب جھوٹ ہے۔‘‘ اسی طرح لکھنؤ میں ایک مدرس کے 19 سالہ بیٹے کو رات 2 بجے گھر سے اٹھا لیا گیا۔ پڑوسی کہتے ہیں کہ ’وہ لڑکا کرکٹ کھیلنے کے علاوہ کسی کام میں شامل نہیں ہوتا تھا۔‘

    اب تک دھماکے کے واقعہ کے کئی دن گزر گئے۔ نہ ایف آئی آر کی تفصیلات سامنے آئیں۔ نہ فارنسک رپورٹ۔ نہ کال ڈیٹا ریکارڈ۔ نہ سی سی ٹی وی فوٹیج۔ بس ایک خاموشی ہے۔ ایک وکیل نے کہا کہ ’اگر واقعی دہشت گردی کی اتنی بڑی سازش پکڑی گئی ہے تو ثبوت کہاں ہیں؟ اگر ثبوت نہیں ہیں تو گرفتاری کیوں؟‘ پولیس کی خاموشی نے شکوک مزید گہرے کر دیے۔ کیا واقعی یہ سب ایک منظم نیٹ ورک تھا؟ یا سب کچھ دھماکے کے دھوئیں کے ساتھ بنایا گیا ایک بیانیہ تھا؟ ہر جگہ ایک ہی طرز کا الزام، ایک ہی انداز کی کارروائی، ایک ہی طرح کی پروفائلنگ۔ کئی سیاسی مبصرین نے کہا کہ ’یہ محض پولیس کارروائی نہیں، ایک سیاسی خاکے کی تکمیل محسوس ہوتی ہے۔ جیسے کسی نے پوری ریاستی مشینری کو ایک سمت میں دھکیل دیا ہو۔‘

    ہندوتوا کے سائے میں بنتا ہوا بیانیہ:

    جب گرفتار شدگان کی مذہبی شناخت پر زور دیا جانے لگا تو بی جے پی سے تعلق رکھنے والے کئی سیاسی رہنماؤں کے بیانات آئے کہ ’ملک دشمن طاقتیں پھر سرگرم ہو گئی ہیں‘، اور ’یہ لوگ ہماری تہذیب اور دھرم کے خلاف سازش کر رہے ہیں‘۔ گو ان بیانات میں براہ راست مسلمانوں کا نام نہیں لیا گیا، مگر سب سمجھ رہے تھے کہ اشارے کن کی طرف جا رہے ہیں۔ یہ سیاسی ماحول ایک پرانی حکمت عملی کی یاد دلاتا ہے کہ خوف پیدا کرو، دشمن بتاؤ، اور اس دشمن کی شناخت مذہب سے جوڑو۔ جب کہ یہ تلخ حقیقت ہے کہ ماضی میں رونما بیشتر بم دھماکوں میں مبینہ طور پر آر ایس ایس کے لوگوں کا ہاتھ تھا۔ بامبے ہائی کورٹ کے سابق جج کولسے پاٹل اعلانیہ طور پر متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ سارے دھماکوں کے پشت پر آر ایس ایس کا ہاتھ ہے۔ اسی طرح آر ایس ایس کے ایک سابق کارکن یشونت شندھے نے نانڈیڑ کی ضلعی عدالت میں ایک حلف نامہ داخل کر کے کہا تھا کہ ان دھماکوں میں آر ایس ایس کا ہاتھ ہے جن کی دوبارہ تفتیش کی جائے۔

    قومی سلامتی یا ھندتوا کا ایجنڈا:

    قانونی ماہرین نے خبردار کیا کہ ’اگر ریاست ثبوت کے بغیر مذہب کی بنیاد پر کارروائی کرے، تو جمہوریت کا ستون ہل جاتا ہے۔‘ مشتبہ افراد کی شناخت ان کے شناختی کارڈز کی بنیاد پر اس انداز میں کی گئی جس سے ان کی مذہبی شناخت نمایاں ہو، تاکہ ’’اینٹی مسلم‘‘ بیانیے کو مزید تقویت ملے۔ یہ گرفتاریاں ایک وسیع سیاسی حکمت عملی کا حصہ معلوم ہوتی ہیں جنہیں ’’قومی سلامتی‘‘ کے نام پر ہندوتوا ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے استعمال کیا گیا — اور اس عمل نے دہلی سے لے کر آسام تک بے گناہ مسلمانوں کی تذلیل اور مجرم کے طور پر پیش کرنے کو بڑھاوا دیا۔

    ایک سابق جج نے متنبہ کیا کہ ’آج اگر ایک کمیونٹی کو بغیر ثبوت نشانہ بنایا جا رہا ہے تو کل یہی ہتھیار کسی اور کے خلاف استعمال ہو سکتا ہے۔ یہ بیانیہ ریاست کو مضبوط نہیں، بلکہ کمزور کرتا ہے۔ یہ صرف مسلمانوں کا مسئلہ نہیں رہے گا؛ یہ ہر شہری کا مسئلہ بن سکتا ہے۔‘

  • غزہ میں صحافت

    غزہ میں صحافت

    دنیا بھر میں صحافت کو ایک اہم اور حساس شعبہ تصور کیا جاتا ہے۔ صحافت جمہوریت کا ستون اور سچائی کی بہترین آواز ہے؛ لیکن غزہ میں صحافت کا مطلب ہے اپنی جان قربان کرنا، اور سچائی دکھانے کا مطلب ہے صہیونیوں کے ہاتھوں قتل ہونا۔ غزہ دنیا کا وہ واحد خطہ ہے جہاں نسل کشی، سفاکیت، وحشیانہ جرائم اور غیر انسانی سلوک پر دنیا خاموش ہے، دوسری جانب سچائی کی آواز، حق کی صدا اور جرائم کو بے نقاب کرنے والے صحافیوں کو خاموش کر دیا جاتا ہے۔ عالمی ادارے اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی رہتی ہیں۔

    گزشتہ 2 سال سے عالمی قوانین، انسانی حقوق کی تنظیمیں اور صحافتی ادارے غزہ کے صحافیوں کو تحفظ دینے کی بات کر رہے ہیں، لیکن یہ ادارے اتنے بے بس ہیں کہ اسرائیلی فوج دھمکی دینے کے بعد بھی کھلم کھلا صحافیوں کو نشانہ بناتی ہے اور ان کا قتل عام کرتی ہے۔ ان کی تمام تگ و دو محض رسمی بیانات تک محدود ہے۔ حالیہ جنگ میں اسرائیل نے درجنوں صحافیوں کو شہید کیا ہے۔ بعض کو براہِ راست نشانہ بنا کر قتل کیا گیا، اور کئی کو حماس اور اسلامی جہاد کا رکن قرار دے کر مارا گیا۔ یہ سب کچھ عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔

    حقیقت یہ ہے کہ انہی بہادر صحافیوں کی وجہ سے اسرائیلی جرائم دنیا کے سامنے آرہے تھے۔ اسی لیے اسرائیل انہیں جان بوجھ کر نشانہ بناتا رہا تاکہ کوئی ادارہ اس کے مظالم کو دنیا کے سامنے نہ لاسکے۔ اس کے باوجود غزہ کے صحافیوں نے بدترین بمباری، نسل کشی اور قتل عام کے بیچ اپنی کوریج جاری رکھی اور اسرائیل کی ہر کارروائی دنیا تک پہنچائی۔

    انس الشریف انہی بے باک صحافیوں میں شامل تھے جنہوں نے صہیونی دھمکیوں اور مشکلات کے باوجود عوام کے درمیان رہ کر رپورٹنگ کی۔ انہوں نے اسرائیلی جرائم کو مسلسل بے نقاب کیا۔ انس الشریف نے صرف اسرائیلی مظالم ہی نہیں دکھائے بلکہ اہلِ غزہ کی مشکلات کو بھی دنیا کے سامنے رکھا اور اسرائیلی پروپیگنڈے کو توڑ کر رکھ دیا۔  10اگست کا دن پوری دنیا کے انصاف پسندوں کے لئے ایک کربناک دن تھا اور صحافت سے وابستہ لوگوں کے لئے ایک حساس سوال اٹھانے والا دن بھی۔ اسرائیل نے مسلسل دھمکیوں کے بعد اسی دن الشفاء ہاسپٹل کی بیرونی دیوار سے منسلک الجزیرہ کے ٹینٹ کو نشانہ بنایا۔ اس حملے میں الجزیرہ کے صحافی انس الشریف، محمد قریقع اور کیمرہ مین محمد نوفل، ابراہیم ظاہر اور مومن شہید ہوئے۔

    اسرائیل نے چند لمحوں بعد انس الشریف کو ٹارگٹ کرنے کو اپنی کامیابی کے طور پر پیش کیا اور یہ دعویٰ کیا کہ وہ صحافت کے ساتھ ساتھ حماس سے بھی وابستہ تھے۔ لیکن اسرائیل نے کوئی ٹھوس ثبوت فراہم نہیں کیا۔ صرف چند تصاویر اور دستاویزات دکھائے، جن میں مبینہ طور پر انس الشریف کا ملٹری نمبر، ذمہ داریاں اور سیلری کی تفصیلات تھیں۔ تاہم ان دستاویزات کی درستگی ثابت نہیں کی گئی۔ یہ سب چیزیں معمولی ایڈیٹنگ کے ذریعے کوئی بھی بنا سکتا ہے۔

    یہ پہلا موقع نہیں جب اسرائیل نے صحافیوں کو حماس یا جہاد اسلامی کا رکن قرار دے کر قتل کیا ہو۔ اس سے قبل 26 دسمبر 2024 کو العودہ ہاسپٹل، نصیرات ریفوجی کیمپ کے قریب 5 صحافیوں کو نشانہ بنا کر شہید کر دیا گیا۔ یہ سب ایک ہی گاڑی میں موجود تھے اور اسرائیلی فوج نے براہِ راست گاڑی کو ہی نشانہ بنایا۔ یعنی یہ حملہ خاص طور پر انہی صحافیوں کو ختم کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔ بعد ازاں اسرائیلی حکومت نے اپنے جرائم چھپانے کے لیے یہ دعویٰ کیا کہ یہ سب اسلامی جہاد سے وابستہ تھے۔ اسی طرح 31 جولائی 2024 کو الجزیرہ کے صحافی اسمعیل الغول اور رامی الریفی کی گاڑی کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ تہران میں شہید ہونے والے حماس سربراہ اسمعیل ہنیہ کے گھر کے قریب رپورٹنگ کر رہے تھے۔

    الجزیرہ قطر غزہ میں اسرائیل کی طرف سے شروع کی گئی نسل کشی کے پہلے دن سے ہی دنیا کے سامنے حقائق لا رہا ہے اور زمینی سطح سے سچائی کو اجاگر کر رہا ہے۔ الجزیرہ کے صحافیوں نے اسرائیل کے کئی جرائم کو بے نقاب کیا اور ان کی دستاویز بھی تیار کی۔ یہی وجہ ہے کہ الجزیرہ ابتداء سے ہی اسرائیل کے نشانے پر رہا ہے۔ حالیہ جنگ کے دوران اسرائیلی حکومت نے الجزیرہ کو دہشت گرد قرار دے کر اسرائیل میں اس کی سرگرمیوں پر پابندی لگا دی۔

    الجزیرہ کو غزہ کے حقائق اجاگر کرنے کی بہت بڑی قیمت ادا کرنی پڑ رہی ہے۔ اس کے صحافتی عملے میں سے بڑی تعداد شہید ہو چکی ہے جن میں کئی سینیئر اور اہم صحافی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر نیوز چینلوں کے صحافتی عملے اور آزاد صحافیوں کو بھی اسرائیل نے نشانہ بنایا ہے۔ 12 اگست 2025 کی الجزیرہ رپورٹ کے مطابق اب تک تقریباً 270 صحافت سے وابستہ افراد کو اسرائیل نے قتل کیا ہے۔

    سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اسرائیل مسلسل غزہ میں صحافیوں کو کیوں نشانہ بنا رہا ہے؟ وہ صحافیوں سے اتنا خوف زدہ کیوں ہے؟ ایک طرف اسرائیل غزہ میں موجود صحافیوں کو ٹارگٹ کر رہا ہے، تو دوسری طرف اس نے عالمی نیوز چینلوں کے صحافیوں کی غزہ میں داخل ہونے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔ اسرائیل کے پیشِ نظر اس کے پیچھے اصل مقاصد کیا ہیں؟

    یہ بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ جنگ کے پہلے دن سے ہی اسرائیل اہلِ غزہ پر بدترین مظالم ڈھا رہا ہے۔ فلسطینیوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔ اسرائیل نے اہلِ غزہ پر ہر طرح کے ہتھیار استعمال کیے ہیں، حتیٰ کہ بھوک کو بھی ایک ہتھیار بنایا ہے۔ اس کے علاوہ اسرائیل نے مزاحمت کی گھات سے بچنے کے لئے فلسطینیوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا ہے۔

    غزہ کے صحافیوں نے بمباری، نسل کشی اور سفاکیت کے درمیان رہتے ہوئے ان تمام جرائم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیاہے۔ انہوں نے اسرائیلی مظالم کو کیمرے میں قید کر کے دستاویزی شکل دی اور فلسطینی صحافیوں نے اہلِ غزہ کی مشکلات اور پریشانیوں کو دنیا تک پہنچایا۔ بلاشبہ آج دنیا بھر میں عوامی سطح پر اہلِ غزہ کو جو حمایت حاصل ہورہی ہے اور اسرائیل کی جو مخالفت کی جا رہی ہے، اس میں غزہ کے بے باک اور بہادر صحافیوں کی رپورٹنگ کا کلیدی کردار ہے۔

    صحافیوں کی آواز اور ان کی کوریج نے دنیا بھر کے عوام کو متاثر کیا ہے اور وہ غزہ کے اصل بحران سے واقف ہوئے ہیں۔ یہ کہنا مبالغہ نہیں کہ غزہ کے صحافیوں نے اسرائیل اور مغربی حکومتوں کے پروپیگنڈے اور دوہرے معیار کو پوری دنیا پر واضح کر دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج پورا مغرب عوامی سطح پر اہلِ غزہ کے ساتھ اور اسرائیل کی مخالفت میں کھڑا ہے۔

    اسرائیل اپنے جرائم کو چھپانے کے لئے مسلسل صحافیوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ اس کا ایک اہم مقصد دیگر صحافیوں کو ڈرانا دھمکانا بھی ہے۔ اسی لیے اسرائیل نے کئی صحافیوں کو غزہ چھوڑنے کی پیشکش کی۔ خود انس الشریف کو ٹارگٹ کرنے سے چار دن قبل اسرائیل نے انہیں یہ آفر دی تھی، لیکن انس الشریف نے اسے ٹھکرا دیا اور غزہ میں رپورٹنگ جاری رکھتے ہوئے شہادت کو ترجیح دی۔ اسرائیل چاہتا ہے کہ غزہ میں صحافت کو خاموش کر دیا جائے۔ صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو نشانہ بنا کر خوف و ہراس کا ماحول پیدا کیا جائے تاکہ دیگر صحافی پیچھے ہٹ جائیں۔ لیکن اسرائیل اب تک اس میں بری طرح ناکام رہا ہے۔ جب بھی اسرائیل نے کسی صحافی کو نشانہ بنایا، دیگر صحافیوں کے اندر مزید حوصلہ اور جذبہ پیدا ہوا۔ ان میں استقامت اور ثبات بڑھا۔ ہر شہادت کے بعد صحافیوں نے عزم کیا کہ کوریج جاری رکھیں گے، اپنے ساتھی کے پیغام کو عام کریں گے اور اس کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔

    جس دن اسرائیل نے اسمعیل الغول کو نشانہ بنایا، اسی دن ان کے قریبی دوست انس الشریف نے یہ عہد کیا کہ وہ ان کا مشن جاری رکھیں گے۔ انہوں نے زندگی کے آخری لمحے تک اسرائیلی جرائم اور سفاکیت کو اجاگر کیا۔ اسمعیل الغول کی جگہ محمد قریقع نے صحافتی میدان سنبھالا اور کوریج جاری رکھی، حتیٰ کہ وہ بھی اسرائیلی حملے میں شہید ہو گئے۔ انس الشریف اور محمد قریقع کی شہادت کے بعد شادیی شامیہ اور نور ابو رکبہ نے ان کی جگہ لی اور اسرائیلی جرائم کو دنیا کے سامنے لانا شروع کیا۔ حقیقت یہ ہے کہ انس الشریف اور ان کے ساتھیوں کی شہادت نے فلسطینی صحافیوں کے اندر ایک نیا جوش اور جذبہ پیدا کر دیا ہے۔

    اب دسیوں صحافیوں نے یہ عہد کیا ہے کہ زندگی کی آخری رمق تک اسرائیلی جرائم اور سفاکیت کو اجاگر کرتے رہیں گے۔ غزہ میں جاری نسل کشی کو پوری دنیا کے سامنے لاتے رہیں گے، خواہ اس کی قیمت اپنی عزیز ترین جان ہی کیوں نہ ہو۔

  • غزہ پر اسرائیل کا وحشیانہ حملہ اوراس کے عواقب

    غزہ پر اسرائیل کا وحشیانہ حملہ اوراس کے عواقب

    25 جولائی 2025کومشرق وسطی کے لیے خصوصی امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے دوحہ میں جاری حما س اوراسرائیل کے درمیان جنگ بندی مذاکرات کی ناکامی اوراپنی ٹیم کودوحہ سے واپس بلانے کا اعلان کردیااور مذاکرات کی ناکامی کا ساراالزام حما س کے سر ڈال دیا۔ اس کے بعدامریکی صدرٹرمپ،جس نے ہفتہ عشرہ قبل خوداپنی طرف سے یک طرفہ جنگ بندی کا پیشگی اعلان کیا تھا،نے رعونت بھرے لہجہ میں کہاکہ ’’حماس موت چاہتی ہے اوراسرائیل کواب اُسے ختم کردیناچاہیے‘‘۔(They wanna death, Israel should finish the job)۔ جب کہ  حماس اِس باربھی اوراس سے قبل بھی کئی بار مذاکرات کی شرائط مان چکی تھی،البتہ ایک دوشقوں میں اُس نے کچھ ترمیم چاہی تھی مگراسٹیووٹکوف اورخودٹرمپ بھی سوفیصداسرائیلی خواہشات کے غلام بنے ہوئے ہیں۔ اس لیے اُسی کے بیانیہ کوبلا چون و چراتسلیم کرکے وہائٹ ہاوس کے ترجمانوں کے ذریعہ اس کوپھیلاتے رہتے ہیں۔

    ساری دنیاجانتی ہے اورخوداسرائیل کے دوسابق وزراء اعظم ایہودباراک اورایہوداولمرٹ بھی جنگی مجرم نتین یاہو  کواِس کا ذمہ دارٹہرا چکے ہیں۔دس نوبل انعام جیتنے والے دانشوروں نے نتین یاہوکوخط لکھ کرغزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔لیکن امریکی حکومت کوغزہ کے لاکھوں معصوموں کی جان کی فکرنہیں،وہ توبس مجرم نتین یاہوکو ہرقیمت پر بچاناچاہتی ہے۔اس کے لیے انٹرنیشنل کریمنل کورٹ کے چیف پراسیکیوٹرکریم خان کو دھمکیاں دی گئیں۔ اس عدالت کے چھ ججوں پرپابندی لگائی گئی۔ اورتو اورخوداسرائیلی کورٹ میں مجرم نتین یاہوکے خلاف بدعنوانی کے کیسوں کی شنوائی کوموخرکر وا دیا گیا۔ اسی سے پتہ چلتاہے کہ امریکہ کس مجرمانہ ذہنیت کے ساتھ اندھا بہرا ہوکر جنگی جرائم اورنسل کشی کے مجرم نتین یاہوکی حمایت کرتاآرہاہے۔ جب فرانس نے فلسطینی ریاست کوتسلیم کرنے کا عندیہ دیا توامریکہ اوراسرائیل دونوں نے بلاتاخیر اس کے اعلان کوسبوتاژکردینے کی مجرمانہ کوشش شروع کردیں۔

    جنگ بندی مذاکرات باربارصرف نتین یاہوکی ضدکی وجہ سے ناکام ہورہے ہیں۔ یہاں تک کہ خوداسرائیلی فوجی حکا م بھی کہہ رہے ہیں کہ وہ غزہ میں اپنے اہداف پورے کرچکے ہیں اوراب سیاسی قیادت کوفیصلے کرنے چاہییں۔ اسرائیل میں لیفٹ کی طرف جھکاؤ رکھنے والے لوگ بڑی تعداد میں نتین یاہو کی جنگ بازی کے خلاف مظاہرے کررہے ہیں مگرامریکی سرپرستی اورآشیروادکی وجہ سے اورخطہ میں عرب حلیفوں کی خفیہ اورعلانیہ حمایت کے باعث نتین یاہوغزہ کے دوملین لوگوں کی جان لینے پر تلاہواہے۔

    اگست کے دوسرے عشرہ میں قطراورمصرکی کوششوں سے جنگ بندی کا ایک اور مسودہ تیارکیاگیاجو اسیٹووٹکوف کے مسودہ سے ملتا جلتا تھا اوراس  بارحماس نے بغیرکسی شرط وترمیم کے اس کو مان لیا مگر اسرائیل نے یہ کہتے ہوئے اس کومستردکردیا کہ اب ہم حماس کوختم کردینے کے بالکل قریب ہیں۔ چنانچہ اس نے اس جنگ بندی  کومستردکرکے غزہ پر مکمل قبضہ کا اعلان کردیا۔

    یہ مذاکرا ت باربارصرف نتین یاہو کی ضد کی وجہ سے ناکام ہورہے ہیں۔جس کی وجہ سے دوملین فلسطینی بھوک اورپیاس سے تڑپ رہے ہیں۔غزہ میں وحشت ناک حدتک بھوک مری،دواؤں اورخوراک کی کمی ہوچکی ہے جس کی وجہ سے بچے اوربوڑھے اورمریض بلک بلک کرجان دے رہے ہیں۔اقوام متحدہ نے اب باضابطہ بھوک مری  کا اعلان کردیاہے۔ چاروں طرف سے اسرائیل کا محاصرہ ہے۔ چھ ہزارامدادی ٹرک مختلف کراسنگ

    (ر فح بارڈر، معبرکرم ابوسالم، فلاڈلفیا کاریڈور وغیرہ) پرمہینوں سے امدای سامان لیے اسرائیلی اجازت کے انتظارمیں کھڑے ہیں۔ ان پرجوغذائی سامان لداہواہے وہ اب خراب ہونے لگاہے۔ یواین او کی امدادی ایجنسی اونرواکا کہناہے کہ اس کے پاس کم ازکم دوملین لوگوں کی غذائی ضرورت دومہینے تک پوری کرنے کا سامان موجودہے مگراس کوامریکہ اور اسرائیل ضرورت مندوں کو پہنچانے نہیں دے رہےہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کے ذریعہ یہ سامان حماس کے لوگوں تک پہنچ جائے گا۔اونروا پر حما س کا ساتھ دینے کا یہ الزام سراسربے بنیادہے۔ یہاں تک کہ26 جولائی کوخود امریکہ کی متعین کردہ تفتیشی ایجنسی نے اونرا کوکلین چٹ دی اورکہا کہ ایسے کوئی شواہد نہیں ملے کہ حما س نے بین الاقوامی امدادی سامان کی چوری کی ہو یااونرواکسی غلط مقصدکے لیے استعمال ہوئی ہو۔اس کے مقابلہ میں غزہ ہیومینٹیرین ایڈ(GHA)نامی جس ادارے کوامریکہ اوراسرائیل نے سیٹ کیا ہے،  وہ غزہ کے لوگوں کے لیے ایک ڈراوناخواب بن چکاہے۔ وہ وہاں امدادلینے جاتے ہیں اوران پر اسرائیلی فوجی گولیاں داغ دیتے ہیں۔ اب تک ایک ہزارلوگوں کواِس طرح سے شہیدکیاجاچکاہے۔ مصرکی شقاوت اورجنرل سیسی کی بدبختی کہ اُس نے اسرائیلی کنٹرول سے باہرواحدکراسنگ ر فح بارڈرکوبھی بندکررکھاتھا۔ شیخ الازہرنے اسرائیل کے خلاف اورغزہ کے حق میں جوفتوی جاری کیاتھا اُس کوبھی سیسی کے دباومیں میں واپس لیناپڑا۔

    مصریوں کی اس بے حسی وبے غیرتی پر شدید دکھ کا اظہارعرب سوشل میڈیا پر جب شروع ہوا توسیسی کے خلاف ہیش ٹیگ مہم چلی ،نیز مظاہرین نے نعرے لگائے: حکومات عربیۃ یاللعار   باعواغزۃ بالدولار  (عرب حکومتیں ہائے ہائے،انہوں نے غزہ کوڈالروں کے لیے بیچ ڈالا) توشایدمصریوں کوکچھ غیرت آئی اورانہوں نے ر فح بارڈرسے 167 امدادی ٹرک غزہ کے اندربھجوائے جواونٹ کے منہ میں زیرہ کی مصداق تھے۔بعض لوگوں نے سمندرمیں کچھ اشیاء خورونوش پھینکیں۔

    یوروپ وامریکہ ، افریقہ کے عرب مسلم ملکوں تیونس،الجزائر وغیرہ  سمیت دنیابھرمیں لوگ اب بھی بڑی تعدادمیں سڑکوں پر نکل کرمظاہر ہ کر رہے ہیں۔ اگرکہیں سکوت طاری ہے تووہ ہیں ترکی،پاکستان ،سعودی عرب،امارات،اردن، بحرین،انڈونیشیا اور ملیشیاوغیرہ۔ قطراورمصر ثالثی کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

    مزاحمت کی قوتوں نے پوری شدت سے اسرائیل کا راستہ روکنے کا اعلان کیاہے۔ڈونالڈٹرمپ اسرائیل کوپہلے ہی گرین سگنل دے چکاہے۔ غزہ پر قبضہ کے اعلان کے خلاف اسرائیل کے اندرجو شدید ردعمل نظرآیا وہ کامیا ب ہوتا دکھائی نہیں دے رہاہے کیوں کہ  اس میں بائیں بازوکے اسرائیلی ہیں یا اسرائیلی یرغمالیوں کے کنبہ والے۔ اسرائیل کسی کے پریشرمیں نہیں آرہاہے اس کی وجہ یہ ہے کہ عرب ممالک میں حالات نارمل ہیں بقیہ مسلم دنیامیں سب عیش کی زندگی جی رہے ہیں ۔عوام کے دل بس غزہ والوں کے لیے دھڑکتے ہیں مگروہ کچھ کرنہیں پا رہے ہیں۔آزربائجان (جومسلم ملک ہے )سے براہ ترکی اسرائیل کوگیس کی سپلائی برابر جاری ہے۔یوروپی ممالک (جرمنی فرانس ،یوکے اورکینیڈاوغیرہ  ستمبرمیں آزادفلسطینی ریاست کوتسلیم کرنے کی بات کررہے ہیں) مگر جب کسی ریاست کے مکینوں کا ہی خاتمہ کر دیاجائے گا تواس کا تسلیم کیا جانا چہ معنی دارد؟

    اسی کوکہتے ہیں کہ    ؎

    بہت دیرکردی مہرباں آتے آتے

    اگریہی ممالک اب سے ایک سال قبل فلسطینی ریاست کوتسلیم کرلیتے تواسرائیل پر یقینااس کا بڑا دباؤ پڑتا۔ اب اس قدم سے اسرائیل پر زیادہ فرق ا س لیے نہیں پڑے گا کہ شرق اوسط میں اسرائیل اب خودایک  استعماری قوت بن چکاہے۔ نیتن یاہوکے حوصلے بڑھے ہوئے ہیں۔ وہ تواب گریٹراسرائیل کے اپنے منصوبہ کی طرف قدم بڑھارہاہے ۔اب وہ اوراس کے دائیں بازو والے وزیر تورات کے حوالہ سے بات کرتے ہیں۔ نتین یاہوخودکو یہود کا ایک تاریخی ہیروسمجھتاہے جس کا’’روحانی واخلاقی فرض ہے کہ وہ اسرائیل عظمی قائم کرے ‘‘۔حماس اس کے راستہ کی آخری چٹان ہے۔ جسے خود عرب ممالک اپنی پھسپھسی اورغلامامہ خارجہ پالیسی کے تحت بربادکرچکے ہیں۔ حالانکہ حماس کی اب تک کی تاریخ رہی ہے کہ اُس نے کبھی عرب ممالک کی اندرونی پالیسیوں میں کوئی مداخلت نہیں کی،  نہ ہی ان کے خلاف کبھی کوئی بیان دیا۔ الٹے سعودی اوراماراتی پیرول پر رہنے والے سلفی مدخلیوں نے زہریلا پروپیگنڈا اس کے خلاف جاری رکھا ہواہے۔شروع میں بعض ایسے بھی شقی ،بے شرم اوربے حس لوگ تھے جو حما س کے قائدین کی شہادت پر خوشیاں مناتے تھے ۔ اب لہجہ میں تو تبدیلی آئی ہے مگر اب بھی غزہ میں جوقتل ِعام  ہورہاہے اس کا ذمہ دار یہ بے خبراورفریب خوردہ لوگ اسرائیل کے بجائے حماس کو ہی بتارہے ہیں۔

    اب اسرائیل نے ایک لاکھ ساٹھ ہزارفوجیوں کے ساتھ غزہ پرمکمل قبضہ کے لیے حملہ کردیاہے جس کواس نے Gidion Chariot 2 کا نام دیاہے۔جواب میں مزاحمتی فورسزنے حجارۃ داؤد کے ذریعہ ان کا مقابلہ شروع کیاہے۔اورانہوں نے گوریلااوراستشہادی سرگرمیاں بھی تیز کردی ہیں جن میں صہیونیوں کوبھی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے، گوجانی نقصان ابھی کم ہے۔ مگراسرائیلی بڑے بزدل لوگ ہیں، اس لیے ایک فوجی بھی مرتاہے تواس کا ماتم ساری قوم مناتی ہے۔اسرائیل اپنے نقصانات چھپاتابھی ہے۔وہ کہتاہے کہ دوسال میں اس کے صرف 90 فوجی مارے گئے ہیں۔لیکن امورفلسطین کے ماہراورسابق سفیر پروفیسرآفتاب عالم پاشا میڈیا اسٹار ورلڈکے محمداحمدکاظمی کوبتاتے ہیں کہ انہوں نے جوگنتی کی ہے اس کے حساب سے اسرائیل کے 2500 فوجی اب تک واصل جہنم ہوئے ہیں۔ جب کہ  شدیدزخمیوں کی تعدادبھی 22ہزارتک پہنچتی ہے۔ان میں بہت سے لوگ اپاہج ہیں اوربہت سے نفسیاتی مریض۔اسرائیلی سماج اپنے آپ میں بنداور گم سم سماج ہے ۔نتین یاہوکی سب سے بڑی حمایت امریکہ کے وہ صہیونی عیسائی کرتے ہیں جنہوں نے ٹرمپ کوحصارمیں لیاہواہے اوران کی مرضی کے بغیروہ ایک قدم بھی نہیں اٹھاسکتا۔جہاں تک غزہ میں اسرائیل کی نئی فوجی کارروائی کی با ت ہے تو وہ پہلے ہی سے 75 فیصدغزہ پر قابض ہے اوراس کوبربادکرچکاہے۔ اب وہ زیادہ سے زیادہ کیاکرے گاجوباقی ماندہ غزہ بچاہے اس کوبھی تباہ کردے گا۔(ٹرمپ اورنتین یاہوکا اصل پلان یہی ہے کہ غزہ کوپوری طرح برباد اورخالی کراکرقتل ِعام سے بچے ہوئے لوگوں کودوسرے ملکوں میں منتقل کردیاجائے ۔جن میں انڈونیشیا،لیبیا،سوڈان اورصومالی لینڈوغیرہ سے بات چیت چل رہی ہے۔اس کے بعدفلسطینی مسئلہ سے ہمیشہ کے لیے چھٹکاراپالیاجائے گا)۔ایسے میں یہ دیکھنا ہوگا کہ مزاحمتی قوتیں کس طرح مقابلہ کرتی ہیں اوراگروہ‘ عربات جدعون اول‘‘ کی طرح اسرائیل کے اس حملے کوبھی ناکام کردیتی ہیں توپھرنتین یاہواپنے منصوبوں میں ناکام ہوجائے گا۔خدانخواستہ اگرحماس ناکام ہوتی ہے توپھرلبنان اورشام کی طرح مصراوراردن کوجان لیناچاہیے کہ اسرائیل کا اگلا ہدف وہی ہوں گے۔ اور اگراسرائیل ان پر حملہ آورہوتاہے تواُن میں اتنادم خم نہیں کہ اس کا مقابلہ کرسکیں۔اقوام متحدہ بھی کچھ نہیں کرے گا۔عرب لیگ صرف مذمت کے بیانات جاری کرے گی،سعودی عرب اور امارات ٹرمپ کی بارگاہ میں فریادکریں گے اورجواب میں وہ تاناشاہ ا ن سے مزیددولت بٹورلے گااوراُن سے کہے گاکہ اسرائیل نے مغربی کنارے اردن ،شام اورلبنان ومصرکے جتنے علاقوں پرقبضہ کرلیاہے سیکوریٹی کے لحاظ سے وہ اسرائیل کے لیے اہم ہیں لہذاان کوان علاقوں سے دستبردارہوجاناچاہیے۔ جیساکہ وہ Territory for Peace کے بے ہودہ نام سے یوکرین کومجبورکررہاہے کہ اس کے جتنے علاقہ پر روس نے قبضہ کرلیاہے وہ اس سے دستبردار ہوجائے۔

    اسی مہینے نیویارک میں ہونے والی سعودی عرب اورفرانس کی مشترکہ’’ فلسطین کانفرنس‘‘ امریکہ کی شدیدمخالفت کی وجہ سے اعلامیہ جاری کرنے اورکمیٹیاں تشکیل دینے کے علاوہ کچھ نہیں کرسکی۔ جیسا کہ  دکتورمحسن ابوصالح کہتے ہیں کہ ’’اس کے مقاصد اچھے تھے مگرنظام عمل کا فقدان تھا‘‘۔

    اقبال نے کہاتھا:     ؎

    ہے جرم ضعیفی کی سزامرگِ مفاجات

    اِس دنیا میں طاقت ہی فیصلہ کن قوت ہوتی ہے۔ اہلِ ایمان کو: "واعدوا لہم مااستطعتم من قوۃ” (انفال: 60) کا حکم اسی لیے دیا گیا تھا۔ موجودہ زمانہ کی نام نہاد روشن خیالی، جدتِ فکر، ترقی اور تحقیق و ٹیکنالوجی کی تمام تر بلندیوں کے باوجود دنیا جیسی کل تھی ویسے ہی آج بھی ہے۔ بس طاقت کے ذرائع اور وسائل بدل گئے ہیں۔ جو قوم طاقتور ہے اور طاقت کے ذرائع پر قابض ہے اُسی کی حکمرانی ہے۔ یہودیوں نے اس حقیقت کو سمجھا اور تعداد میں بہت تھوڑے ہوتے ہوئے بھی وہ آج بالواسطہ پوری دنیا پر حکمرانی کر رہے ہیں۔ ان کے آگے کھڑے ہونے کے لیے مزاحمتی قوتوں کو بھی اپنے اندر وہی طاقت پیدا کرنی ہوگی۔

    بظاہر عرب ملکوں میں کسی تبدیلی اور انقلاب کی امید بہت کم ہے۔ عرب بہار کو خلیج کے ثروت مند حکمرانوں نے اپنی مداخلت سے جس طرح سبوتاژ کیا تھا اُس سے عوام میں مایوسی ہے۔ دوسرے یہ کہ یہ ممالک زیادہ تر پولیس اسٹیٹ ہیں۔ البتہ یہ بھی ایک حقیقت ہے اور تاریخ اس پر گواہ ہے کہ انقلاب کبھی بتاکر نہیں آتا، اُس کے لیے بسا اوقات ایک ہی چنگاری کافی ہو جاتی ہے۔ غزہ میں معصوموں کا اتنا خون بہہ گیا ہے کہ عرب عوام اب بھی نہ اٹھے تو پھر ان کو بس امریکہ اور اسرائیل کی بدترین غلامی کے لیے تیار رہنا چاہیے!

    غزہ میں جنگ بندی کیوں نہیں ہو رہی؟ — ایک نظر میں

    1۔اسرائیلی سیاسی قیادت کے اہداف:

    اسرائیل کی موجودہ حکومت، بالخصوص وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو، اپنے سیاسی مستقبل اور اندرونی دباؤ سے نمٹنے کے لیے جنگ کو طول دے رہا ہے۔ نیتن یاہو پر بدعنوانی کے الزامات ہیں اور اسے عوامی احتجاجات کا سامنا ہے، اور جنگ کی موجودگی اس کے لیے "قومی سلامتی” کے نام پر سیاسی بقا کا ایک ذریعہ بن گئی ہے۔

    1. مکمل ہدف کا حصول (حماس کا خاتمہ):

    اسرائیل کا سرکاری مؤقف یہ ہے کہ جنگ کا مقصد حماس کو مکمل طور پر ختم کرنا ہے۔ جب تک یہ ہدف پورا نہیں ہوتا، اسرائیل جنگ بندی کو ایک "ادھورا کام” تصور کرتا ہے۔ تاہم، ماہرین کا ماننا ہے کہ حماس جیسی تنظیم کو مکمل طور پر ختم کرنا زمینی حقائق کے برعکس ایک خواب ہے۔

    1. امریکی حمایت اور بین الاقوامی دوہرا معیار:

    اگرچہ دنیا کے کئی ممالک جنگ بندی کا مطالبہ کر رہے ہیں، لیکن امریکہ اب تک اسرائیل کو فوجی امداد بھی فراہم کر رہا ہے اور سلامتی کونسل میں جنگ بندی کی قراردادوں کو ویٹو بھی کرتا رہا ہے۔ یہ عملی حمایت اسرائیل کو جنگ جاری رکھنے کا حوصلہ دیتی ہے۔ اس کو معلوم ہے کہ وہ کتنا ہی انسانیت کے خلاف جرائم کرے، فوری طور پر کوئی اس کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔

    1. حماس کے مطالبات اور اسرائیلی انکار:

    حماس کی طرف سے مستقل جنگ بندی کے لیے شرائط رکھی گئی ہیں — مثلاً غزہ سے فوجی انخلا، معاشی محاصرہ ختم کرنا اور اسرائیلی جیلوں میں بند فلسطینی قیدیوں کی رہائی — جنہیں اسرائیل فوری طور پر ماننے کو تیار نہیں۔ جب کہ موجودہ جنگ بندی مسودے میں یہ شرطیں بھی حماس نے حذف کر دی تھیں مگر اسرائیل نے پھر بھی اس کو تسلیم نہیں کیا۔

    ان وجہوں سے جنگ بندی کی کوششیں بار بار ناکام ہو رہی ہیں۔ اسرائیل اور امریکہ دونوں کی نیت اچھی نہیں ہے بلکہ وہ دونوں بس اسرائیلی یرغمالیوں کو حماس کی قید سے رہا کروانا چاہتے ہیں۔ اس کے بعد لاکھ امریکی وعدوں اور ضمانتوں کے باوجود سب جانتے ہیں کہ اسرائیل فوراً غزہ پر دوبارہ حملے کرے گا اور اپنے اہداف، یعنی حماس کا خاتمہ، اور یوں فلسطینی جدوجہدِ آزادی سے ہمیشہ کے لیے چھٹکارا حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔

    1. خطے میں بڑی طاقتوں کا مفاد:

    امریکہ، روس اور چین سب ہی اس خطے میں اپنے اپنے مفادات کا حصول چاہتے ہیں، مگر فی الحال امریکہ کو سب پر بالادستی حاصل ہے کیونکہ خطے کی بڑی عرب حکومتیں اس کی چھتری کے نیچے ہیں۔ وہ بظاہر روس اور چین کے ساتھ تعلقات استوار کر رہی ہیں، لیکن امریکہ اپنی فوجی قوت کے بل پر ان پر مسلط ہے۔ اسی لیے یہ حکومتیں نہ امریکہ اور نہ ہی اسرائیل کے خلاف کوئی عملی قدم اٹھا سکتی ہیں۔

    امریکہ تو کھل کر ہمیشہ اسرائیل کے ساتھ رہا ہے، البتہ روس اور چین کی پالیسی مبہم ہے۔ وہ نہ کھل کر حمایت کرتے ہیں اور نہ کھل کر مخالفت۔ ان کی مخالفت بس بیان بازی تک محدود رہتی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ چین اسرائیل کو اسلحہ بڑے پیمانے پر فراہم کرتا ہے اور روس بھی اس کا حامی ہے، کیو ں کہ اسرائیل کی آبادی میں روسی نژاد یہودیوں کی تعداد بیس فیصد سے بھی زیادہ ہے۔

    اس کے علاوہ خطے کی دو بڑی معیشتوں میں سے امارات تو کھل کر اسرائیل کے ساتھ جا چکا ہے، جب کہ سعودی عرب ابھی پس و پیش میں ہے۔ تاہم سب جانتے ہیں کہ اس کے اسرائیل سے خفیہ تعلقات کب کے قائم ہیں۔ عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے ردِعمل کے خوف سے وہ ابھی تک اس کا باضابطہ اعلان کرنے سے رکا ہوا ہے۔ خطے کے دوسرے چھوٹے ممالک یا تو سعودی کیمپ میں ہیں یا امارات کے زیرِاثر۔ قطر ان دونوں سے آزاد ہے لیکن امریکہ کی بیڑیوں میں جکڑا ہوا ہے، اور اس کا رقبہ اور دفاعی صلاحیت محدود ہونے کے باعث اس کی تزویراتی اہمیت کم ہے۔

    یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ عرب دنیا میں صرف قطر ہی ہے جو کھل کر فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرتا ہے اور غزہ پر مسلط جنگ کو رکوانے کی سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے۔

    1. انسانی بحران کو نظرانداز کرنا:

    غزہ میں بدترین انسانی بحران پیدا ہو چکا ہے۔ لیکن چوں کہ فلسطینیوں کو عالمی سیاست میں انسان نہیں بلکہ صرف "سلامتی مسئلہ” سمجھا جاتا ہے، اس لیے انسانی ہمدردی کے تقاضے پسِ پشت ڈال دیے گئے ہیں۔ بڑی عرب معیشتیں، سعودی عرب اور امارات، امریکہ پر (اس سے مہنگے معاشی معاہدے کرنے کی وجہ سے) کچھ دباؤ ڈال سکتی تھیں، مگر انہوں نے خاموشی کو ہی ترجیح دی ہے۔ سعودی عرب کو غزہ کے انسانوں کی نہیں بلکہ اپنے منصوبہ ویژن 2030 کی کامیابی کی فکر ستا رہی ہے، اور امارات کو اپنے ملک میں مصنوعی ذہانت کے منصوبے کی تکمیل کی فکر ہے۔

    1. ثالثی کی کوششوں میں سنجیدگی کا فقدان:

    مصری، قطری اور امریکی ثالثی کے باوجود اب تک کوئی پائیدار حل سامنے نہیں آ سکا۔ ہر فریق اپنے مفادات کے مطابق ثالثی کرتا ہے، نہ کہ فلسطینی عوام کی زندگی بچانے کی نیت سے۔ قطر ایک بہت چھوٹا اور کمزور کھلاڑی ہے جو اپنی حفاظت کے لیے بھی امریکہ پر ہی منحصر ہے۔ مصر امریکہ سے سالانہ بھاری معاشی امداد وصول کرتا ہے، جو زیادہ تر اس کی فوج کی جیب میں جاتی ہے اور فوج ہی ملک پر قابض ہے۔ لہٰذا مصر امریکی خواہشات کے برخلاف نہیں جا سکتا۔ اور امریکہ خود ایک جانبدار ثالث ہے۔

    عرب اور اسلامی ممالک کی اسرائیل کی مخالفت صرف زبانی جمع خرچ ہے اور عملاً وہ کچھ نہیں کرتے، نہ غالباً کرنا چاہتے ہیں۔ اس حقیقت کو اسرائیل اور امریکہ دونوں اچھی طرح جانتے ہیں۔ خود اسرائیل کے اندر جنگ کے خلاف جو آوازیں اٹھ رہی ہیں وہ بہت کمزور ہیں اور زیادہ تر بائیں بازو سے تعلق رکھتی ہیں۔ جب کہ اسرائیلی سماج پوری طرح دائیں بازو کے جنونی صہیونیوں کے زیرِ اثر ہے، جو حقیقتاً تمام فلسطینیوں کو ختم کرنے اور مغربی کنارہ اور غزہ پر اسرائیل کے مکمل قبضہ کی حمایت کرتا ہے۔ انہی کے دباؤ میں 25 جولائی 2025ء کو اسرائیلی کنیسٹ نے یہ قانون پاس کر دیا ہے کہ مغربی کنارہ کو اسرائیل میں ضم کر لیا جائے۔ اس کوشش کو امریکی صدر ٹرمپ کی پہلے ہی سے حمایت حاصل ہے۔

    غزہ میں جنگ بندی نہ ہونے کی بنیادی وجہ صرف "جنگ” نہیں بلکہ عالمی سیاست، مفادات کی جنگ اور انسانی جان کی بے توقیری ہے۔ جب تک اس طرزِ فکر میں تبدیلی نہیں آتی، جنگ بندی کی تمام کوششیں عارضی اور ناکام ہی رہیں گی۔

    اب بظاہر جنگ بندی کا زیادہ امکان اسی میں ہے کہ حماس اور دوسری مزاحمتی تنظیمیں گوریلا حملوں سے اسرائیلی فوج اور اہداف کو زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچائیں۔ یہی ایک چیز ہے جو اسرائیل کو جنگ بندی کے لیے تیار کر سکتی ہے۔ ایک دوسرا امکان یہ ہے کہ فرانس، انگلینڈ اور دوسرے مغربی ممالک فلسطینی ریاست کو فوراً اور غیر مشروط طور پر تسلیم کر لیں، جس سے اسرائیل مزید دباؤ میں آئے۔ اور امریکہ خود کسی اور علاقے میں زیادہ شدت کے ساتھ الجھ جائے۔

    بہرحال مسلم دنیا پر ایسا ہی موت کا سکوت طاری ہے جیسے کبھی حسینؓ کے قافلے کو تمام مسلمانوں نے کربلا میں بے یار و مددگار چھوڑ دیا تھا۔ اور جیسے 1492ء میں خلافتِ عثمانیہ جیسی سپر پاور اور مصر کے سلطانوں نے اندلس میں اسلام کی ٹمٹماتی شمع غرناطہ کو بچانے کے لیے کچھ نہیں کیا تھا، جسے صلیبی بھیڑیوں نے ہر طرف سے گھیر لیا تھا اور اقتصادی ناکہ بندی کرکے ویسے ہی بھوک مری کے حالات پیدا کر دیے تھے، جس سے آج اہلِ غزہ دوچار ہیں۔

    نوے کی دہائی میں بوسنیا میں بھی یہی المیہ پیش آیا تھا جب اس کے دارالحکومت سرائیوو کو مسیحی سربوں نے تین سال تک محاصرے میں لیے رکھا اور وہاں بھی زندگی بہت مشکل بنا دی تھی۔ بوسنیا کے قائد علی عزت بیگووچؒ خود ایک خندق میں اپنے مجاہدین کے ساتھ ڈٹے ہوئے تھے۔ اس وقت سوشل میڈیا نہیں تھا۔ جب سربرینیکا میں سربوں کے ذریعہ دس ہزار مسلمان نہتے مرد و زن کے بہیمانہ قتل کی واردات بعض بہادر صحافیوں کے ذریعہ دنیا کے سامنے آئی تو نیٹو کو شرم آئی اور پھر انہوں نے سربوں پر بمباری کر کے ان کو مجبور کیا کہ سراييوو کا محاصرہ ختم کریں۔

    افسوس کہ غزہ کے مسلمان تو یورپ میں بھی نہیں بلکہ عین اسلامی دنیا کے قلب میں ہیں۔ اگر وہ یورپ میں ہوتے تو شاید نیٹو ان کو بچا لیتا، مگر وہ عربوں اور مسلمانوں سے گھرے ہوئے ہیں جن کی اخلاقی صورتِ حال افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ بالکل وہی ہو گئی ہے جس کا اقبال نے ماتم کیا تھا:

    ؎

    قافلہ حجاز میں ایک حسین بھی نہیں

    گرچہ ہے تاب دار ابھی گیسوئے دجلہ و فرات

    ٭ ریسرچ ایسوسی ایٹ مرکزفروغ تعلیم وثقافت مسلمانان ہندعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی علی گڑھ اورمدیراشراق عربی

    ای میل:mohammad.ghitreef@gmail.com

  • پیغام ربانی

    پیغام ربانی

    اے لوگو جو ایمان لائے ہو صبر اور نماز سے مدد لو۔ اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔ اور جو لوگ اللہ کی راہ میں مارے جائیں، انہیں مُردہ نہ کہو، ایسے لوگ تو حقیقت میں زندہ ہیں، مگر تمہیں ان کی زندگی کا شعور نہیں ہوتا۔ اور ہم ضرور تمہیں خوف و خطر، فاقہ کشی، جان و مال کے نقصانات اور آمدنیوں کے گھاٹے میں مبتلا کرکے تمہاری آزمائش کریں گے۔ ان حالات میں جو لوگ صبر کریں اور جب کوئی مصیبت پڑے، تو کہیں کہ ”ہم اللہ ہی کے ہیں اور اللہ ہی کی طرف پلٹ کر جانا ہے،“ انہیں خوشخبری دے دو۔ ان پر ان کے رب کی طرف سے بڑی عنایات ہوں گی، اس کی رحمت ان پر سایہ کرے گی اور ایسے ہی لوگ راست رو ہیں۔

    (سورۃ  البقرہ  آیت 153 -157)

  • ناشر کاخط

    ناشر کاخط

    ناشر کا خط

    قارئین کرام

    السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ

    غزہ کی جنگ رکنے کا ہی نام نہیں لے رہی ہے۔ ہر روز ظلم وجبر کی ایک نئی اور دردناک  داستان سامنے آجاتی ہے۔ بھک مری بھی اس بہیمانہ جنگ کا ایک کربناک ہتھیار بن گئی ہے۔ ظلم وجبر کی داستانیں دنیا کے سامنے لانے والے صحافی بھی بخشے نہیں جارہے ہیں۔ جنگ بندی کی کوششیں بھی بے سود ہوتی جارہی ہیں۔ سرورق کی کہانی “غزہ پر اسرائیل کا وحشیانہ حملہ اور اس کے عواقب “ میں سینئر صحافی غطریف شہباز ندوی نے اس جنگ کے مضمرات اور خطہ پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا ہے۔ عبدالعلیم الاعظمی نے “ غزہ میں صحافت ایک جان لیوا جرم“ میں جائزہ لیا ہے کہ دنیا بھر کے صحافی کس طرح جان جوکھم میں ڈال کر ظلم و جبر کی داستانیں دنیا کے سامنے لارہے ہیں اور ظالم اسرائیل کو ان کا یہ عزم اور حوصلہ ایک آنکھ نہیں بھارہا ہے اور اب وہ ان کی جان کے بھی درپے ہوگیا ہے۔

    حزب اختلاف کے رہنما راہول گاندھی کے ذریعہ ووٹ چوری کا جو ایٹم پھوڑا گیا اس نہ صرف الیکشن کمیشن آف انڈیا بوکھلایا ہوا ہے بلکہ حکومت کے ایوانوں میں بھی کھلبلی مچ گئی ہے۔ “ووٹ چوری اسکینڈل۔ مودی اور امت شاہ کا زوال شروع“ میں عبدالباری مسعود نے حکومت کی بوکھلاہٹ اور اس کے ایوانوں میں مچنے والی کھلبلی کو بے نقاب کیا ہے۔

    سابق نائب صدر دھنکر کے استعفی’کا معمہ ابھی تک حل نہیں ہوا ہےاور اب نائب صدر جمہوریہ کے انتخاب پر دونوں طرف جو صفیں بچھ گئی ہیں اس نے اس انتخاب کو کافی دلچسپ بنادیا ہے، ملاحظہ فرمائیے سینئر صحافی سہیل انجم کے تحریر “ نائب صدر جمہوریہ کے انتخاب کو متنازعہ بنادیا گیا“ میں۔

    اس بار سینئر صحافی اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی طلباء یونین کے سابق صدر سید انور حسین کی خصوصی تحریر ملاحظہ فرمائیے جو اے ایم یو کے داخلی معاملات اور اندرونی خلفشارکو واضح طور پر اجاگر کرتی ہے۔

    افغانستان کی آزمائشیں ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی ہیں، پہلے ایک سپر پاور سے پنجہ آزمائی پھر دوسرے سپر پاور کے ساتھ 20 سال تک طویل جنگ دونوں کو شکست دینے کے بعد ابھی اپنی گرتی معیشت کو سنبھال بھی نہیں پائے تھے کہ پاکستان اور ایران سے افغان پناہ گزینوں کی جبری واپسی نے ایک نئے امتحان سے دوچار کردیا۔ ابوظفرعادل اعظمی نے اپنی تحریر “ افغان پناہ گزین۔ قصہ درد سناتے ہیں کہ مجبور ہیں ہم “ میں اس داستان الم کو بیان کیا ہے۔

    اس کے علاوہ کئی اور اہم موضوعات پر خصوصی تحریریں آپ کو دعوت مطالعہ دے رہی ہیں۔ ربیع الاول کی مناسبت سے، مسعود محبوب خان کی خوبصورت تحریر “ سیرت مصطفے صل اللہ و علیہ وسلم کے درخشان لمحات“ ضرور ملاحظہ فرمائیں۔

    والسلام

    ناشر

  • ممبئی سیریل دھماکوں  پر ہائی کورٹ کا فیصلہ

    ممبئی سیریل دھماکوں  پر ہائی کورٹ کا فیصلہ

    بامبے ہائی کورٹ  نے بالآخر 19 سال  بعد ممبئی ٹرین بم دھماکوں کے ملزمین کو بے گناہ قرار دے دیا۔ جسٹس انیل ایس کیلور اور جسٹس شیام سی چنڈک پر مشتمل دو رکنی  ہائی بنچ کے مطابق استغاثہ نے جو ثبوت اور دلیلیں پیش کی ہیں وہ ان ملزمین کو قصور وار ٹھہرانے کے لیے  واضح طور پر ناکافی ہیں۔ واضح رہے کہ 2006 میں ممبئی کی لائف لائن کہی جانے والی لوکل ٹرینوں میں سلسلہ وار بم دھماکے ہوئے تھے جن میں کل 187 لوگ ہلاک اور 824 زخمی ہوئے تھے۔ اس معاملے کی تفتیش مہاراشٹر کا انسداد دہشت گردی دستہ (اے ٹی ایس) کررہا  تھا اور اس نے 13 افراد کے خلاف فرد جرم عائد کی تھی۔ ملزمین کے خلاف مکوکا نامی قانون بھی لگایا گیا تھا جس میں پولیس حراست میں لیے گئے اقبالیہ بیان کو بھی تسلیم کیا جاتا ہے۔ سال 2015 میں ممبئی کی ایک خصوصی عدالت نے اس معاملہ پر فیصلہ دیتے ہوئے ایک ملزم عبدالواحد شیخ کو بری کردیاتھا اور پانچ کو پھانسی اور سات ملزمین کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

    اس فیصلے سے جہاں ملزمین اور ان کے اہل خانہ نے راحت کی سانس لی کیوں کہ ان کو اپنی بے گناہی ثابت کرنے میں تقریبا دو دہائی کا عرصہ بیت گیا اور انہوں نے کم وبیش 19 سال جیل کی سلاخوں کے پیچھے بتادیے۔ کتنے قریبی رشتہ دار انصاف کے انتظار میں دنیا سے رخصت ہوگئے ۔ان کے گھر اور رشتہ داروں میں جو بچے تھے اب جوان ہوگئے اورجوان بوڑھے ہوگئے۔ آج وہ اپنے گھر میں بھی کئی لوگوں کو پہچاننے سے قاصر ہیں۔ جوانی کے ان اہم سالوں کا کوئی حساب نہیں دے سکتا۔ حکومت ، عدلیہ اور پورا سیاسی نظام اب ان کو ان کے قیمتی سال کا کوئی معاوضہ دینے سے رہا اور اگر دے بھی دے تو اس کی بھر پائی کیوں کر ہوسکتی ہے۔ جیل کی اذیت اور اس سے پہلے پولیس حراست میں انسانیت سوز ٹارچر اور مظالم جس کی خبریں  وقتا فوقتا آتی رہی ہیں اور رہائی کے بعد بھی کچھ لوگوں نے بیان کیا ہے، ہمارے ملک،اس کے نظام اور پوری انسانیت کے لیے ایک بدنما داغ ہے جس کی بھرپائی کسی صورت میں بھی ممکن نہیں ہے۔

    دوسرے، یہ سوال بھی انتہائی اہم ہے کہ جب عدالت نے ان کو بے گناہ قراردے دیا تو پھر  آخر ان دھماکوں کا اصل ذمہ دار کون تھا اور ابھی تک وہ قانون کی گرفت سے باہر کیوں ہے؟ قوت و طاقت، اسلحہ، ٹکنالوجی اور دیگر چیزوں سے لیس ہماری سیکورٹی ایجنسیاں اکثر اس طرح کے واقعات کا الزام غلط لوگوں کے سر کیوں ڈال دیتی ہیں؟ آخر وہ دو دہائی تک ساری ٹکنالوجی اور سہولیات ہونے کے باوجود اس جدید دور میں بھی اس دہشت ناک واقعے کے اصل مجرموں تک پہنچنے میں ناکام کیوں ہیں۔ واضح رہے کہ اسی اے ٹی ایس نے مالیگاؤں بم دھماکوں کا بھی الزام ان پر اور ان جیسے کچھ ملزمین پر لگایا تھا لیکن چند سال بعد تفتیش میں کچھ دوسرے ملزمین کے خلاف ناقابل انکار شواہد ملے اور پہلے سے گرفتار ملزمین کو رہا کرنا پڑا۔

    11 جولائی 2006 کی شام ممبئی کی لوکل ٹرینوں کے فرسٹ کلاس ڈبوں میں سات زوردار بم دھماکے ہوئے۔ ان دھماکوں کے لیے ایسے وقت کا انتخاب کیا گیا جب آفس کا وقت عام طور پر ختم ہوتا ہے اور  ٹرینوں میں کافی بھیڑ ہوتی ہے۔ ابتدا میں سات مختلف پولیس اسٹیشنوں میں الگ الگ مقدمات درج کیے گئے، لیکن بعد میں ان سب کی تحقیقات اے ٹی ایس کے سپرد کردی گئی۔ اس کیس میں 13 افراد کو گرفتار کیا گیا، جب کہ  15 مفرور اور 2 پاکستانی نژاد ملزمین  (جو بعد میں ہلاک ہو چکے تھے) پر بھی الزامات لگائے گئے۔

    ان ملزمین  پر تعزیراتِ ہند ہند کی متعدد دفعات، یو اے پی اے، ایکسپلوزیو ایکٹس، ، ریلوے ایکٹ ، عوامی املاک کو نقصان سے بچانے والا قانون اور مکوکا کے تحت الزامات طے کیے گئے۔پولیس تحقیقات میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ حملہ ایک بڑی اور لمبی سازش کا نتیجہ تھا، جس میں سیمی اور لشکرِ طیبہ شامل تھیں۔ استغاثہ نے دعویٰ کیا کہ 1999 سے 2006 کے درمیان اس کا منصوبہ بنایا گیا۔ ان میں پاکستان میں تربیت، نیپال اور بنگلہ دیش کے راستے دراندازی اور ممبئی میں بموں کی تیاری شامل تھی ۔ حملہ آور چاہتے تھے کہ زیادہ سے زیادہ جانی و مالی نقصان ہو اور ملک کے امن و امان کو نقصان پہنچایا جا سکے اسی لیے انہوں نے لوکل ٹرینوں کا انتخاب کیا اور اس وقت جب کہ اس میں زیادہ بھیڑ ہوتی ہے۔

    30 ستمبر 2015 کو خصوصی عدالت نے 13 میں سے 12 ملزمین  کو مجرم قرار دیا۔ پانچ کو سزائے موت اور بقیہ  کو عمر قید کی سزا سنائی۔ ایک ملزم کو بری کر دیا گیا اور اس پر حکومت نے اپیل نہیں کی۔ خصوصی عدالت کے فیصلہ کے بعد معاملہ ہائی کورٹ پہنچا۔ وکلا نے مقدمے کی مکمل ساکھ پر سوال اٹھائے۔ ان کا مؤقف تھا کہ مکوکا کا استعمال غلط تھاکیوں کہ قانون کے تحت مطلوبہ شرط "مسلسل غیرقانونی سرگرمی” پوری نہیں ہوتی تھی۔ اس دوران ایک  ملزم کمال انصاری کی  دورانِ اپیل 2021 میں کورونا سے حراست میں ہی موت ہوگئی۔

    دفاع نے یہ بھی اعتراض کیا کہ ملزمین  سے لیے گئے اقبالیہ بیانات پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا، کیوں کہ ان سے وکیل رکھنے کا حق چھینا گیا اور ان پر تشدد کے شواہد کی جانچ کے لیے کوئی میڈیکل جانچ نہیں کی گئی۔ قانونی طور پر ضروری "cooling-off period” بھی نہیں دیا گیا اور نہ ہی قانون کے تحت لازمی سرٹیفکیٹس  اور دستاویز پیش کیے گئے۔اس کے علاوہ پولیس حراست میں تشدد، گواہوں کے بیانات میں تضادات، شناختی پریڈ میں بے ضابطگیاں اور شواہد میں کمزوریاں بھی دفاع کی طرف سے اٹھائے گئے نکات میں شامل تھیں۔

    ہائی کورٹ کے فیصلے کی بنیاد:

    دفاعی وکلا کے مطابق  7 نومبر 2006 کو چار ملزمین کی جو شناختی پریڈ ہوئی اس کی کوئی قانونی  حیثیت نہیں تھی کیوں کہ جس افسر (SEO)نے یہ پریڈ کروائی اس دن اس کے پاس ایسا کرنے کا اختیار ہی نہیں تھا۔عدالت نے پایا کہ اس افسر کی مدت 7 مئی 2005 کو ختم ہو چکی تھی اور نئی تقرری 15 نومبر 2006 کو ہوئی۔ یعنی جب شناختی پریڈ کروائی گئی اس وقت وہ باقاعدہ طور پر اس عہدے پر نہیں تھا۔ اس لیے عدالت نے اس دن ہونے والی شناختی پریڈ کو ناقابلِ قبول قرار دے دیا۔

    استغاثہ نے کئی گواہوں کو عدالت میں پیش کیا تھا جنہوں نے مختلف طریقوں سے ملزمین  کو پہچاننے کا دعویٰ کیا تھا۔ کچھ گواہ ایسے تھے جن کا دعویٰ تھا کہ وہ  ملزمین کو بم دھماکے والے دن ٹیکسی میں ساتھ لے کر گئے تھے۔ لیکن ان کی گواہی میں مسئلہ یہ تھا کہ انہوں نے اپنے بیانات کئی مہینوں بعد دیے اور ان کے ذریعہ  شناخت بھی چار سال بعد ہوئی۔ عدالت نے کہا کہ اتنے وقت بعد ان کا ملزمین  کو پہچاننا مشتبہ ہے کیوں کہ گواہوں کو ان کے چہروں کو یاد کرنے کا اتنا وقت نہیں مل سکا تھا۔

    دوسری طرح  کےوہ گواہ تھے جن کا دعویٰ تھا کہ انہوں  نے ٹرین میں بم رکھتے ہوئے ملزمین  کو دیکھا تھا مگر ان میں سے اکثر کے ذریعہ شناختی  پریڈ ایک ایسے افسر نے کرائی تھی جس کے پاس اُس وقت اختیار ہی نہیں تھا۔ اس وجہ سے عدالت نے ان کی گواہی کو رد کر دیا۔ اکثر گواہوں نے 100 وین دن یا اس کے بعد اپنے بیان درج کروائے۔اس کا مطلب تھا کہ وہ طویل عرصے تک خاموش رہے۔ ان گواہوں نے عدالت میں چار سال سے زیادہ عرصے بعد ملزمین  کی شناخت کی، لیکن عدالت کو ان کے حافظے کے یکایک بحال ہونے اور ملزمین  کو پہچاننے کی کوئی خاص وجہ نظر نہیں آئی۔ ان تمام وجوہات کو مدنظر رکھتے ہوئے عدالت نے کہا کہ ان گواہوں کے بیانات پر سزا کی بنیاد نہیں رکھی جا سکتی۔ایک گواہ جس کے ذریعہ شناختی پریڈ چارماہ بعد کروائی گئی کو عدالت نے قابل اعتماد نہیں مانا کیوں کہ عدالت نے اس کو  ایک "اسٹاک گواہ” قراردیا  جو چار مختلف مقدمات میں پنچ گواہ کے طور پر شامل ہو چکا تھا۔

    تیسرے وہ گواہ تھے جنہوں  نے دعویٰ کیا کہ انھوں نے بم بنانے کی سازش کو دیکھا تھا لیکن ان کی بھی گواہی میں کافی تضاد تھے۔ ان میں سے ایک نےجرح کے دوران یہ کہا کہ وہ خود گھر کے اندر نہیں گیا تھا، بلکہ اس کے دوست نے اس بات کا ذکر کیا تھا۔ ایک اور گواہ نے دعویٰ کیا کہ وہ سازش کے بارے میں جانتا تھا لیکن وہ ان افراد کے نام تک نہیں بتا سکا جن کے ساتھ وہ میٹنگ میں تھا۔ عدالت نے یہ بھی نوٹ کیا کہ یہی شخص گھاٹ کوپر بم دھماکہ میں بھی پولیس کا گواہ تھا۔

    ایک گواہ نے دعویٰ کیا کہ وہ سازش کا چشم دید گواہ ہے، لیکن اس نے خود تسلیم کیا کہ اسے یہ علم نہیں تھا کہ ان میٹنگوں میں کیا بات چیت ہوئی۔  کچھ ایسے گواہ بھی تھے جنہوں نے مشتبہ افراد کے تصویری خاکے بنوانے میں مدد دی تھی لیکن ان گواہوں کو نہ تو کبھی شناختی پریڈ میں بلایا گیا اور نہ ہی انہیں گواہ کے طور پر پیش کیا گیا۔ عدالت نے ان تمام وجوہات کی بنا پر ان گواہوں کی گواہیوں پر اعتبار نہیں کیا۔

    تحقیقات کے دوران مختلف اشیاء برآمد ہوئیں، جن میں آر ڈی ایکس، گرانولز، دھماکہ خیز آلات، پریشر کوکر، سرکٹ بورڈ، سولڈرنگ گن، کتابیں اور نقشے شامل تھے۔ ان میں سے سب سے اہم ثبوت آر ڈی ایکس، گرانولز اور دھماکہ خیز  آلات کی برآمد گی تھی، کیوں کہ یہ دھماکوں سے براہِ راست جڑی ہوئی تھیں۔  تاہم عدالت نے ان شواہد کو قابل اعتناء نہیں سمجھا کیوں کہ استغاثہ یہ ثابت نہیں کر سکا کہ یہ اشیاء صحیح طریقے سے محفوظ اور مہر بند رکھی گئیں، جیسا کہ قانون کے تحت ہونا چاہیے تھا، تاکہ انہیں فورنسک لیب میں لے جایا جا سکے۔ اس کے علاوہ استغاثہ  یہ بھی ثابت کرنے میں ناکام رہا کہ دھماکوں میں کون سی قسم کے بم استعمال ہوئے تھے۔ اس لیے عدالت نے  ان برآمدات قابلِ اعتبار نہیں سمجھا۔

    مکوکا کا اطلاق اور اقبالیہ بیان:

    اے ٹی ایس نے اس کیس میں مہارشٹر آرگنائز کرائم کنٹرول ایکٹ یعنی مکوکا بھی لگایا۔ اس قانون کے تحت پولیس حراست میں دے گئے اقبالیہ بیان کو عدالت میں بطور ثبوت مانا جاتا ہے۔ لیکن اس قانون کو نافذ کرنے کے لیے خاص طریقہ کار اور منظوری ضروری ہوتی ہے۔ عدالت نے پایا کہ  مکوکو کے نفاذ میں ضابطوں کو  پوری طرح نہیں اپنایا گیا۔ واضح رہے کہ مکوکا کا اطلاق کرنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ ملزم کسی مجرمانہ گینگ سے وابستہ ہو اور وہ مستقل منظم جرائم میں ملوث ہو۔ اس پر گزشتہ دس برسوں میں سنگین معاملات میں دو چارج شیٹ دائر ہوچکی ہوں۔ اسی طرح کم از کم ڈی آئی جی سطح کے کسی پولیس افسر کی تحریری اجازت بھی ضروری ہے۔ ہائی کورٹ نے یہ نوٹ کیا کہ ملزمین پر مکوکا کا اطلاق غلط طور پر کیا گیا۔ کئی ملزمین کا کرائم ریکارڈ ایسا نہیں تھا، کچھ کا تھا لیکن ان کے خلاف ہلکے معاملے زیر التوا تھے اور کئی ان الزمات سے متعدد عدالتوں کے ذریعہ بری قراردے دے گئے تھے۔ ہائی کورٹ نے ہی بھی نوٹ کیا کہ اے ٹی ایس افسر نے مکوکا کے اطلا ق کے لیے صرف زبانی طور پر اپنے سینئر افسر کو رپورٹ کیا اور مذکور ہ افسر نے بنا ثبوت دیکھے مکوکا لگانے کی اجازت دے دی۔ بعد میں جو دستاویزات عدالت میں پیش کی گئیں، وہ منظوری کے بعد حاصل کی گئی تھیں۔ عدالت نے اس کو غیر ذمہ داری سے تعبیر کیا۔ عدالت نے کہا کہ مکوکا نافذ کرنے کا پورا عمل غلط تھا اور بغیر سوچے سمجھے کیا گیا۔

    اقبالیہ بیان بھی مار پیٹ اور تشدد کے ذریعے لیے گئے۔ کئی ملزمین  نے بتایا کہ انہیں بے تحاشا مارا گیا، بجلی کے جھٹکے دیے گئے اور ذہنی و جسمانی اذیت دی گئی۔ عدالت نے کہا کہ  پولیس افسران نے یہ جانچنے کی کوشش نہیں کی کہ اقبالیہ بیان رضا مندی سے دیے گئے تھے یا نہیں۔  اقبالیہ بیان میں مختلف حکام کی جانب سے بیان کی گئی دفعات میں تضاد پایا گیا۔ بیان کے ساتھ جو سرٹیفکیٹ ہونا چاہیے تھا، وہ یا تو غائب تھا یا اس میں قانونی شرائط پوری نہیں کی گئی تھیں۔ پراسیکیوشن کے زبانی بیانات سے بھی یہ ثابت نہیں

    ہوسکا کہ یہ اقبالیہ بیان ملزمین کی مرضی سے درج ہوئے تھے۔ بیان صحیح اور مکمل نہیں تھے، کیوں کہ  کئی بیانوں  میں  بہت سی باتیں ایک دوسرے سے نقل کی ہوئی اور ایک جیسی تھیں۔ سارے ملزمین نے بعد میں عدالت میں  اپنے’ اقبالیہ بیان’ سے انکار کیا۔

    کال ڈیٹا ریکارڈ:

    ان لوگوں کو جب گرفتار کیا گیا تھا تو تفتیش کے نام پر ان کو مہینوں پولیس حراست میں رکھا گیا۔حراست کی مدت کی توسیع کے لیے اے ٹی ایس نے کئی بار ان کے فون کال  ریکارڈ عدالت میں دئے اور کہا کہ یہ لوگ دھماکہ کے وقت جائے وقوعہ پر موجود تھے اور اس کے علاوہ پاکستانی دہشت گردوں کے رابطہ میں تھے اور اس ضمن میں ان سے مزید تفتیش کی جانی ہے۔ لیکن حیرت انگیز طور پر جب اس کیس کی چارج شیٹ آئی تو اس سے کال ڈیٹا ریکارڈ غائب تھا۔ ملزمین کا کہنا تھا کہ وہ جائے وقوعہ پر موجود نہیں تھے اور نہ ہی کسی مشتبہ شخص سے رابطہ میں تھے۔ ان کو یقین تھا کہ ٹرائل کے دوران جب ان کے فون کا ریکارڈ پیش ہوگا تو سچائی سامنے آجائے گی لیکن اے ٹی ایس نے اسےاس کیس کا حصہ نہیں  بنایا بلکہ بار بار مطالبہ اور عدالت کے حکم کے باوجود ملزمین کو کال ڈیٹا ریکار ڈ(CDRs) فراہم نہیں کیا ۔ جب انہوں نے ٹیلی کام کمپنی سے رابطہ کیا تو وہاں سے بھی کال ڈیٹا ریکارڈ لینے میں رخنے ڈالے۔ جب یہ معاملہ عدالت میں گیا تو اے ٹی ایس نے کہا کہ اس نے اس کو ڈیلیٹ کردیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ استغاثہ کی طرف سے CDRs کو پیش نہ کرنا اور انہیں مٹانا کیس کی شفافیت پر سوالیہ نشان لگاتا ہے اور اس سے استغاثہ کے خلاف منفی تاثر پیدا ہوتا ہے۔

    عدالت نے نوٹ کیا کہ استغاثہ کے مطابق دھماکہ کی  سازش کے لیے ملاقاتیں باندرہ کے ایک پلانٹر کے گھر پر ہوئیں، جہاں چار دیگر ملزمین  بھی شامل تھے۔  اس کے علاوہ  ایک گواہ کی پلانٹر اور دوسروں سے میرا روڈ کے قریب شمس مسجد کے پاس ملاقات ہوئی، جہاں پلانٹر نے گواہ کو حکم دیا کہ وہ ایک اور ملزم کو وہاں بلائے۔عدالت نے کہا کہ ان تمام دعوؤں کو CDRs کے ذریعہ ثابت کیا جاسکتا تھا مگر CDR کو مٹا دیا گیا جس سے تحقیق کی شفافیت پر سوال اٹھتا ہے۔

    ہائی کورٹ نے کہا  کہ قانون کے نفاذ اور شہریوں کی حفاظت  کو یقینی بنانے کے لیے اصل مجرم کا پکڑا جانا ضروری ہے ۔ عدالت نے متنبہ کیا کہ کیس بند کرنے کے لئے بے گناہ لوگوں کو پکڑنا انصاف کے اصولوں کے منافی ہے۔

    میڈیا کا رول:

    اس طرح کے معاملے میں میڈیا کا رول اکثر مجرمانہ اور معاندانہ ہوتا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ میڈیا موقع کی تلاش میں رہتا ہے کہ اسے کب اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کرنے کا موقع ملے۔ جب یہ دھماکے ہوئے تو میڈیا نے پولیس کی کہانی کو عام طور پر من وعن پیش کیا۔ مہینوں تک اسلام، مسلمان، مسلم محلے، جہاد، مسلم تنظیمیں اس کی نفرت کا عنوان رہے۔ کوئی ان سے یہ نہیں پوچھ سکا کہ جب یہ معاملہ عدالت میں زیر غور ہے  تو آپ پولیس کی کہانی کو ایک طرفہ کیسے صحیح قرار دے سکتے ہیں۔ میڈیا گویا جج اور عدالت کا کام کرنے لگا اور اس معاملے کے ملزمین  کو مجرم گرداننے لگا۔

    گوکہ اس طرح کےمعاملات میں پہلے عام طور پر رہائی یا بری ہونے کی خبر میڈیا سے غائب رہتی تھی یا اگر میڈیا اس کو کور بھی کرتا تو چھوٹی سی خبر  بناکر اور اخبار کے اندر کے صفحات کے کسی کونے میں، لیکن ادھر کئی سالوں سے اس رجحان میں تبدیلی آئی ہے۔ اس کی ایک وجہ سوشل میڈیا ہے اور دوسرے اس طرح کے  پے درپےکئی واقعات ہوگئے جس میں عدالتوں نے سالوں کے ٹرائل کے بعد ملزمین کو بے قصور قراردیا۔

    اس فیصلہ کے بعد بھی میڈیا کا عمومی رجحان بہت اچھا نہیں رہا۔ عام طور پر اخباروں اور چینلوں پر فیصلہ کی تفصیل دی گئی کہ عدالت نے کیا کہا۔ لیکن بہت سارے اخبارات اور چینلوں پر فیصلے کو اس طرح پیش کیا گیا کہ گویا جج حضرات نے ان لوگوں کو چھوڑ کر غلطی کی۔ کچھ اخباروں نے دھماکوں کے متاثرین کی افسردگی اور مایوسی کو بھی جگہ دی، جو انصاف نہ ملنے پر افسردہ تھے۔ یہ سوال کم ہی کیا گیا کہ آخر ان بے گناہ لوگوں کو 19 سال جیل کی سلاخوں کے پیچھے کیوں رکھا گیا ؟ ان کے اور ان کے اہل خانہ کو ان سالوں میں جس کرب اور پریشانی سے گزرنا پڑا، اس کا بھی ذکر مین اسٹریم میڈیا سے تقریبا خالی تھا۔ یقینا بم دھماکوں کے متاثرین کا کرب اہم ہے لیکن اس کو غلط افراد پر الزام لگاکر اور ان کو سزا دے کر کم نہیں کیا جاسکتا۔

    ان افراد کی گرفتاری  اور اس کے بعد کی  رپورٹنگ کا رہائی کے بعد کی رپورٹنگ سے  اگر موازنہ کیا جائے یا کم ازکم ایک جگہ جمع کردیا جائے  تو ان تما م صحافیوں اور میڈیا اداروں کے لیے، اگر ان میں کچھ شرم بچی ہو تو ڈوب مرنےکا مقام ہوگا ۔

    اس پورے معاملے میں جمیعۃ علمائے ہند (مولانا ارشد مدنی) کا کردار کافی اہم رہا۔ جمیعت کے لیگل سیل کے انچارج مولانا گلزار اعظمی ،جن کا چند سال قبل انتقا ل ہوگیا، نے انتھک محنت کی۔ ملزمین اور ان کے اہل خانہ نے سخت مراحل میں صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔ جیل کے ایام کو انہوں نے اپنی تربیت کے لیے استعمال کیا۔ کئی لوگوں نے قرآن حفظ کرلیا۔ کچھ نے وکالت کی ڈگری بھی حاصل کی۔ کیس کی پیروی کررہے وکلا کی جیل کے اندر سے مدد کرتے رہے۔ اے ٹی ایس کے کئی جھوٹ جیل کے اندر سے ہونے والی آرٹی آئی سے بے نقاب ہوئے اور اس سے ان کی بے گناہی ثابت ہونے میں مدد ملی۔ فیصلہ کے بعد مہارشٹر حکومت نے اس کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا اور آنا فاناََ اس کو اتنی کامیابی مل گئی کی سپریم کورٹ کے حتمی فیصلہ تک یہ دوسرے مقدمات میں نظیر نہیں بن سکتا۔