Author: مدیر

  • مودی کی غلط  امیج کی پول کھل گئی

    مودی کی غلط  امیج کی پول کھل گئی

     

    آپریشن  سندور کے حوالے سے اس وقت نہ صرف  ملکی  بلکہ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ میں بحث کا سلسلہ  جاری ہے، جس میں  رافیل جنگی طیاروں کے علاوہ  ہندوستان کی خارجہ پالیسی خصوصی طور پر موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ مئی 2014میں برسر اقتدار آنے کے بعد  نریندر مودی ملک کے پہلے ایسے وزیر اعظم ہیں جنہوں  گزشتہ 11 سالوں میں 89 بیرونی اسفار میں 72ملکوں کی سرزمین پر قدم رکھا جو ایک ریکارڈ ہے، جن پر  اخراجات کے بارے میں پارلیمان کو بتایا گیا تھا  کہ 234کروڑ  روپے خرچ ہوئے۔ ان دوروں کے حوالے  سے حکمراں گروہ کی طرف سے  یہ ڈنکا پیٹا جاتا رہا کہ مودی وشو گرو ( عالمی رہنما) بن گئے ہیں۔ لیکن اس دعوی کی آپریشن سندور نے قلعی کھول دی، سوائے اسرائیل کے دنیا کا کوئی ایک ملک حتی کہ امریکہ بھی  انڈیا کے ساتھ کھڑا نہیں ہوا۔  چنانچہ  اس ناکامی  کے پیش نظر  مودی اور ان کے نور نظر  وزیر خارجہ  ا یس  جئے شنکر خاصی تنقید کا نشانہ  بن رہے ہیں۔

    سابق وزیر خارجہ  یشونت  سنہا اس ناکامی کے پر بڑے مضطرب نظر آتے ہیں ۔  افکار ملی  کے لئے عبدالباری مسعود کے ساتھ ایک خصوصی  انٹرویو میں یشونت سنہا نے کہا کہ مودی کوئی  طاقتور شخص strong man نہیں ہیں بلکہ یہ جھوٹ موٹ کی ایک امیج  بنائی گئی ہے، جس کی قلعی آپریشن سندور نے اتار کر رکھ دی ہے۔ وزیر خارجہ جئے شنکر کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان کی حیثیت  ایک سیکریٹری سے زیادہ  نہیں ہے اور امور خارجہ کا سارا کام  مودی کے ہی ہاتھ میں ہے۔

    86سالہ سنہا کا تعلق بہار سے ہے  وہ سیاست میں آنے سے قبل  پروفیسر بعدازاں  آئی اے ایس افسر رہے۔  انہوں نے جنتا پارٹی  سے اپنی سیاسی زندگی آغاز کیا۔  نوے کی دہائی میں بی جے پی میں شمولیت اخیتار کی اور پارٹی کے چوٹی کے رہنمائوں میں شمار ہونے لگے ۔ بہرحال جیٹھ ملانی  اور دیگر رہنمائو ں کے ساتھ سنہا بھی مودی کو  بی جے پی کا لیڈر بنانے کے ذمہ دار ہیں  لیکن اقتدار میں آتے ہی مودی نے اپنے تمام محسنوں کو  ایک ایک کرکے کنارے کردیا۔ سنہا  نے  2018میں  بی جے پی سے ناطہ توڑ لیا۔ وہ  چندر شیکھر اور واجپئی کی حکومتوں میں وہ وزیر خزانہ  رہ چکے ہیں۔

    انٹرویو کے اقتباسات

    سوال :   ایس جئے شنکر کا بیان ہے کہ  آپریشن سندور  شروع کرنے سے پہلے پاکستان کو اطلاع دے دی گئی تھی؟  راہول گاندھی نے اس بیان کو ’’ غداری‘‘ سے تعبیر کیا ہے ؟

    یشونت سنہا صاحب  آپ وزیر خارجہ رہ چکے ہیں اس پر کیا تبصرہ کریں گے؟

    جواب:  دیکھئے، جئے شنکر کا سیاست کا تجربہ بہت محدود ہے۔ اسی لئے ان  سے  اس طرح کی بھول ہوئی ہے۔ ہمیں کسی نے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ  نیوکلیئر  معاملات کے حوالے سے جو سمجھوتہ ہوا ہے اس کے تحت  دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کو  حملہ کی قبل از وقت اطلاع دینا ضروری ہوتا ہے مگر  مجھے اس بارے ابھی وثوق سے کچھ معلوم نہیں ہے ۔  اگر  جئے شنکر نے اطلاع دی ہے تو اول یہ کہ انہیں  کھلے عام یہ  نہیں کہنا چاہیئے تھا یہ ان کی بہت  فاش غلطی ہے۔  دوم  یہ کہ پاکستان نے ہی کس سمجھوتے کا احترام کیا  ہے؟  میرے خیال سے اسے  آپریشن سندور کے بارے   اطلاع دینے کی ضرورت نہیں تھی۔

    (    اصل حقیقت یہ ہے کہ 1991میں وزیر اعظم  چندر شیکھر  کے دور حکومت  میں  فوجی مشقوں کے حوالے سے یہ طئے پایا تھا کہ  جو بھی ملک فوجی مشق کرے گا وہ اس کی ا طلاع  دے گا اور معاہدہ پر نرسمہا رائو حکومت میں عمل شروع ہوا۔ افکار ملی)

    س:  تاہم حزب اختلاف کی طرف  سے  جئے شنکر کا برطرف کرنے کا مطالبہ ہورہا ہے اور اس بیان کو ملک سے غداری  قرار دیا جارہا ہے؟

    ج: میں مانتا ہوں کہ وزارت خارجہ میں  جئے شنکر کا بحیثیت  پیشہ ور سفارت کار ایک طویل  تجربہ ہے۔ لیکن  بحیثیت وزیر خارجہ  ملک کی خارجہ پالیسی کی تشکیل میں ان کا  رول  برائے نام ہے ۔   سب جانتے ہیں کہ موجودہ رجیم ( حکومت) میں  فارین پالیسی  مودی خود چلاتے ہیں۔ اس میں  جئے شنکر  محض  ایک سچیو ( سیکریٹری) بن کے رہ گئے ہیں وہ وزیر نہیں بن سکے۔

    س: سیز فائر یا جنگ بندی کے اعلان کے بعد جس طرح  کے حالات پیدا ہوئے، ایسا محسوس  ہوتا ہے کہ امریکی صدر ڈولانڈ ٹرمپ بار بار وزیراعظم  نریندر مودی کو نیچا دکھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔  مودی کے قوم سے خطاب سے محض نصف ساعت قبل ٹرمپ  پھر ٹی وی اسکرین پر آتے  ہیں وہی سب کچھ دہراتے ہیں، جو انہوں نے پہلے کہا تھا۔ معنی خیز بات یہ ہے کہ مودی اپنی تقریر میں ایک مرتبہ بھی ٹرمپ  اور امریکہ کا نام نہیں لیتے ہیں ۔ ئنہ اشاروں اور کنایوں میں اس کی تردید کرتے ہیں۔ جب کہ انڈیا  کی غیر جابندار  خارجہ پالیسی رہی ہے وہ متاثر ہوئی ہے؟

    ج:   آپ نے بالکل صحیح کہا ہے۔ ہمیں اس نکتہ کو دھیان میں رکھنا چاہئے کہ  ٹرمپ کس قماش کے آدمی ہیں ان کی شخصیت کس طرح کی ہے وہ  لاف زنی میں یقین رکھتے ہیں، وہ کوئی بات کو صیغہ راز میں نہیں  رکھتے ہیں میڈیا کے سامنے بیان کر دیتے ہیں۔  انہی  اوصاف کو سامنے رکھتے ہوئے ہمیں معاملہ کرنا چاہیئے تھا۔ ان  سے معاملات کرتے  ہوئے ہم نے اس نکتہ کو دھیان میں نہیں رکھا۔ اب  ہمیں ٹرمپ صاحب کو  جھیلنا پڑ رہا ہے۔ ٹرمپ صاحب کے بارے میں مودی جی کا کہنا تھا کہ وہ ان کے  وہ بہت خاص دوست ہیں  لیکن وہی اب مودی جی کے پیچھے پڑ گئے ہیں۔

    س: ہمارے  وزیراعظم کی وشو گرو بننے کی تمنا تھی  ان کے حواری کا اس کا خوب ڈھنڈورا پیٹتے تھے۔ گزشتہ 11 سالوں میں انہوں نے 89 بیرونی اسفار میں 72 ملکوں کا دورہ کیا اس میں امریکہ وہ  دس بار گئے، جو ایک ریکارڈ ہے اس پر 234کروڑ روپے خرچ ہوئے۔  وہ ہر ایک غیر ملکی سربراہ سے بغلگیر ہوتے ہیں، جسے Hug  Diplomacy یا Hug-lo-macy کا نام دیا گیا۔ لیکن جب پہلگام میں دہشت گردی کا واقعہ  رونما ہوا، نیز آپریشن سندور  کے  حوالہ سے کوئی بھی ملک سوائے اسرائیل کے ہمارے ساتھ کھڑا نہیں ہوا۔ ہر ملک نے محض ایک معمول کا بیان جاری کیا جس میں پاکستان کا نام لے کر کوئی مذمت نہیں کی گئی۔ اس پورے منظر نامہ کو آپ  بحیثیت  سابق وزیر خارجہ کیسے  دیکھتے ہیں؟ کیا اسے فیسکو کہیں گے؟

    ج:   اس موقع پر مودی جی کی  خارجہ پالیسی پوری طرح فیل ہوگئی۔ آ پ نے خو د کہا کہ مودی جی نے بھاری سرکاری  خرچ پر اتنے بڑے پیمانے پر دورے کئے ہیں۔ دنیا کے کئی ملکوں میں جاکر  انہوں نے ہیڈ آف  گورنمنٹ (سربراہ حکومت) کو گلے لگایا۔

    مودی جی نے ایسا  سوچ لیا کہ ہم مہان ہیں ۔ ہم اتنے مہان ہیں کہ  ہم جاکے اسے گلے لگائیں گے اور وہ ہمار ا مرید ہوجائے گا۔ لیکن اس کے بارے میں اگر کوئی شک تھا تو  وہ شک اب دور ہوگیا۔ کیونکہ  اب پاکستان کے ساتھ دہشت گردی کا اور اس کے بعد لڑائی کا جو مسئلہ کھڑا ہوا ہے اس میں کوئی دیش  سوائے  اسرائیل  اور افغانستان ہمارے ساتھ نہیں آیا، حتی کہ کوئی ہمسایہ ملک بھی نہیں آیا۔ چنانچہ  یہ بات عیاں ہے کہ  مودی جی نے دنیا بھر کی   سیر کرنے میں جتنا  وقت لگایا جتنا  پیسہ خرچ کیا،  وہ سب  اکارت  گیا۔ اس  خارجہ پالیسی کا  ملک کو کوئی فائدہ نہیں ملا۔

    س:  جیسا کہ آپ نے کہا کہ خارجہ پالیسی ناکام ہوئی ہے  غالبا  یہ اسی کا نتیجہ ہے کہ حکومت نے سات وفود باہر بھیجنے کا  فیصلہ کیا  مگر اس میں سیاست کی جارہی ہے۔پہلے حز ب اختلاف کی جماعتوں کو نام تجویز کرنے  کے لیے کہا جاتا ہے مگر ان کے تجویز کردہ نام کے بجائے اپنی پسندیدہ لوگوں کا شامل کیا جاتا ہے ؟ جیسے ششی تھرور کا معاملہ ہے جنہیں کانگریس نے نامزد نہیں کیا تھا۔

    ج:     حکومت نے اس سلسلہ میں جو کچھ کیا وہ  غلط ہے۔ ایسے نازک موقعوں پر سیاسی جماعتوں سے پوچھا جاتا ہے کہ  اپنے نمائندوں کے نام تجویز کریں اور انہیں ہی دورے پر لیا جاتا ہے  یہ روایت نئی نہیں ہے ۔ اقوام متحدہ کا جب اجلاس ہوتا ہے تو  کوئی سرکاری وفد  ارکان پارلیمان کا  جاتا ہے تو وہ ان جماعتوں کے نامزد ارکان پر مشتمل ہوتا ہے۔  اس معاملہ میں حکومت  نے بالکل  غلط کام کیا ہے۔ اور اس پر سیاست کی ہے۔ اتنے اہم معاملہ ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔

    س:  کہا یہ جارہا کہ  اپوزیشن انڈیا الائنس کو کمزور کرنے کی کوشش ہے۔ آپ اس محاذ کی طرف سے صدر جمہوریہ کے انتخاب میں امیدوار بھی تھے ؟

    ج:  یہ بات پوری طرح سے صحیح نہیں ہے مگر میں یہ کہوں گا کہ  انڈیا محاذ کو جس طرح  موثر انداز میں کام کرنا چاہیے  وہ حالیہ چھ مہینوں میں نظر نہیں آیا۔مسائل اور اشوز کو لے کر سڑکوں پر اترنا چاہیئے تھا اور پارلیمان کے اندر  اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہے تھا  وہ نظر نہیں آیا۔ اس لیے محاذ کے کچھ مسائل ہیں اس کو محاذ کے رہنمائوں کو مل جل کر حل کرنا چاہیے۔ نہیں تو یہ محاذ  غیر موثر ہوکر رہ جائے گا۔

    س: میں آپریشن سندور کی طرف آتا ہوں۔ جب بھی جنگ یا لڑائی  ہوتی کہ سب سے پہلا شکار سچائی بنتی ہے۔جو بھی خبریں گشت کر رہی تھیں ان میں سچائی کتنی ہے  اس کا پتہ لگانا مشکل تھا۔ رافیل طیارے گرانے کا پاکستان دعوی کررہا ہے  ہماری حکومت کی طرف سے کوئی  واضح جواب نہیں آ رہا ہے۔ اسی طرح  کشمیر کا معاملہ  دوبارہ عالمی فوکس  کا مرکز بن گیا نیز دہشت گردی کا معاملہ پس پشت چلا گیا ہے؟

    ج: مجھے لگتا ہے کہ ٹرمپ صاحب نے اس پر بہت ساری باتیں کہی ہیں اور ثالثی کی پیشکش  بھی کی ہے ۔ مجھے لگتا ہے کہ ٹرمپ صاحب جو بول رہے ہیں ہماری طرف  اس کا سیدھا جواب خود مودی جی کو دینا چاہیے تھا اور کہنا چاہے تھا کہ ٹرمپ صاحب غلط بول رہے ہیں سیز فائر کرانے  میں ان کا کوئی رول نہیں ہے  اور کشمیر کے مسئلہ کو ہم پاکستان سے مل کر لیں گے اگر کوئی معاملہ بچا ہے تو۔اور اس میں کسی کی دخل اندازی کی ضرورت نہیں ہے، اس  طرح کا سخت بیان  ہمارے وزیر اعظم کی طرف سے آتا تو بڑا اچھا ہوتا اور پورے  ملک کو اطمینان ہوتا۔   یہ بات سرکاری ترجمان نے تو کہی ہیں  لیکن پتہ نہیں کیوں مودی جی اس پر خاموش ہیں، یہ ہماری کمزوری رہی ہے۔

    س:  ہمارے وزیراعظم 56انچ کا سینہ ہونے کی بات کرتے ہیں۔ لیکن ان کی کیا مجبوری ہے کہ وہ ٹرمپ اور امریکہ کا نام زبان پرنہیں لاتے ۔ یہ کہا جاتا ہے کہ  اڈانی  کے بزنس مفاد اور ان کے خلاف  امریکہ میں چل  رہا معاملہ ہوسکتا ہے۔ اس میں کہاں تک سچائی ہے؟

    ج:  بالکل کوئی  نہ کوئی خاص بات ضرور ہے۔ جس کے باعث مودی صاحب چپ ہیں ۔امریکہ کی عدالت میں اڈانی کے خلاف  مقدمہ چل رہا ہے  اس لیے مودی ان کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں  یہ بات صحیح معلوم ہوتی ہے ۔ لیکن اور بھی کوئی معاملہ ہوسکتا ہے  جس کی وجہ سے  مودی کو خاموشی اختیار کرنی پڑ رہی ہے۔انہیں ایسے  نازک موقع پر خاموش نہیں رہنا چاہیے چونکہ وہ ہر معاملہ پر بولتے ہیں۔  اس سے ایک غلط تاثر جارہا ہے۔

    س:   آپ دیکھ رہے ہیں کہ فوج کو سیاسی مفاد کی خاطر استعمال کرنے کا سلسلہ   2019 میں شروع ہوا۔ کیا فوج کو سیاست میں گھسیٹنا صحیح ہے؟

    ج:  یہ بہت ہی غلط بات ہے۔ اس سے غلط بات اور کوئی نہیں ہوسکتی ہے کہ فوج کو  سیاست میں گھسیٹا جائے۔ آزادی کے بعد سے فوج ہمیشہ سیاست سے دور رہی ہے، یہ بہت اچھی بات ملک کے لئے۔ اور اب  بھی اور آئندہ بھی  فوج کو راج نیتی سے دور رہنا چاہیے۔  بی جے پی ہو یا کوئی بھی سیاسی جماعت، فوج کو سیاست میں لانے کی کوشش نہیں ہونی چاہے۔

    س:   بی جے پی کے لیڈران جس طرح کے بیانات دے رہے  ہیں، مثلاً کرنل صوفیہ کے بارے میں نازیبا زبان استعمال کی گئی۔ مد  ھیہ پردیش کے نائب وزیر اعلی  کہتے  ہیں  کہ فوج مودی جی کے چرنوں میں ہے  اور ایک دوسرے  وزیر کرنل صوفیہ کو دہشت گروں کی بہن بتاتے ہیں ۔ایک ایسے وقت میں جب ہم  بحرانی کیفیت سے گذر رہے ہیں کیا اس میں قومی یکجتہی کی ضرورت نہیں ہے ؟

    ج: جو  کچھ ہورہا ہے وہ بہت غلط ہورہا ہے۔ اس لئے میں نے زور دے کر کہا تھا کہ  مودی جی کو خود اس میں مداخلت کرنی چاہیے۔ اور ان لوگوں کو پارٹی سے نکال دینا چاہیے۔ جو باتیں ان لوگوں نے کہی ہیں وہ بہت غلط اور بے ہودہ  ہیں، وہ قطعی قابل برادشت  نہیں ہیں ۔ ہم فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور کمال کی فوج  ہے جو بھی کام دیا جاتا ہے وہ اسے پورا کرتے ہیں۔ فوج کی کوئی غلطی نہیں ہے یہ غلطی سیاسی قیادت کی ہے ۔

    س:  اب  حکمرا ں جماعت کی طرف سے ترنگا ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔ کانگریس نے بھی جوابی ریلیوں کا اعلان کیا ہے یعنی قومی مفاد  پیچھے چلا گیا ہے؟

    ج:   سب سے زیادہ  ذمہ داری  حکمراں جماعت  کی  ہے نا ۔ اگر ہم  تاریخ میں جائیں تو 2019کے الیکشن میں  خود مودی نے انتخابی  جلسوں میں کیا کہا تھا۔  پلوامہ کے شہیدوں کے نام پر ہم کو ووٹ دو۔ کتنی گندی بات ہوئی تھی اور آج پھر وہی گندی بات  دہرائی جارہی ہے۔ مودی جی اور موجودہ بی جے پی  سلامتی کے امور کے  حوالے سے، اپنے  چناؤ مفاد کے خاطر فوج کو گھسیٹتے ہیں،  اس  کا استعمال کرتے ہیں۔ یہ بہت ہی غلط حرکت ہے۔

    س: ٹرمپ باربار یہ اعلان کررہے ہیں کہ وہ  پاکستان اور انڈیا کے  بات چیت  کو کسی  غیر جابندار مقام پر  رکھنے میں مدد  اور ثالثی کریں گے، خاص طور پر کشمیر کے مسئلہ پر۔  کیا اس کے خلاف مزاحمت ہوگی؟

    ج:  میں نہیں سمجھتا کہ اس معاملہ میں ٹرمپ  صاحب کو کوئی کامیابی ملے گی۔ اگر مودی جی تیار بھی ہوجاتے ہیں تو  یہ دیش اس کے لئے کبھی تیار نہیں ہوگا۔ملک کے عوام اس  چیز برداشت نہیں کریں گے کہ ٹرمپ یا کوئی تیسری طاقت ہمارے معاملات میں مداخلت کرے۔

    س:  اب جو حالات پیدا ہوئے ہیں کیا اس  سے نہیں لگتا کہ مودی کی اسٹرانگ مین کی امیج کو کہیں  نہ کہیں ضرب پہنچی ہے؟

    ج:  مودی جی کبھی بھی اسٹرانگ مین  نہیں تھے ! انہوں نے جھوٹ موٹ کی  ایک غلط امیج بنا ئی تھی ۔  اب  ا ن کی پول کھل گئی ہے ۔ اس پورے  واقعہ میں کسی ایک شخص کی جو پول کھلی ہے وہ مودی جی ہیں۔

    س:  حزب اختلاف کی طرف سے  پارلیمان کا خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے جیسا کہ ما ضی میں ایسے واقعات کے حوالے سے ہوچکا ہے۔مودی حکومت اس سے دور کیوں بھاگ رہی ہے۔؟

    ج: حکومت جانتی ہے کہ جو سوال اس سے پوچھے جائیں گے اس کا جواب اس کے پاس نہیں ہے۔ بات شروع ہوگی پہلگام حملہ سے ۔ کیوں وہاں   ایک بھی سپاہی موجود نہیں تھا جب کہ وہاں دوہزار سے زائد سیاح تھے۔ بہت سارے ایسے سولات ہیں جن کا جواب دینا پڑے گا۔ ایک کمزوری چھپانے کے لئے  کوئی دوسرا واقعہ ہوگا پھر تیسرا واقعہ ۔ لیکن یہ اب نہیں چل سکتا۔

    س:  دفاعی تجزیہ کار پروین ساہنی کہتے ہیں کہ جموں و کشمیر کو  آرٹیکل 370اور35A سے  محروم کرنے سے قبل اس کے سلامتی پر پڑنے والے عواقب پر غور نہیں کیا گیا۔ نیتجتاً

    چین  پاکستان کے ساتھ مکمل طور پر آگیا۔ اس پر  آپ کا کیا موقف ہے؟

    ج:  میں مانتا ہوں کہ سرکار نے  آرٹیکل 370اور35A  ہٹانے کے حوالے سے جو بھی دعوے کئے تھے وہ کھوکھلے ثابت ہوئے۔ تاہم یہ ہمارا اندورنی معاملہ ہے اس  پر چین خوش ہو یا ناراض، ہمیں اس کی فکر کرنے کی ضرورت نہیں۔

    س: آپ بھی بی جے پی میں رہے ہیں لیکن آج یہ جماعت   حکومت کے ہر امور کو  اپنی آئیڈیا لوجی  کے تحت انجام دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس پر رائے زنی فرمائیں۔

    ج: دیکھئے  آج کوئی آئیڈیا لوجی  باقی نہیں رہی ہے۔ بی جے پی کے پاس  ہندو۔ مسلمان کے سوا کچھ بچا نہیں ہے۔ وہ ہر معاملہ کو چناؤ کے نقطہ نظر سے دیکھتے ہیں کہ یہ کیسے  جیتا جائے۔

  • صدرٹرمپ کا دورہ مشرق وسطیٰ اورغزہ کی نازک صورت حال

    صدرٹرمپ کا دورہ مشرق وسطیٰ اورغزہ کی نازک صورت حال

     

    غزہ میں دنیاکے کروڑوں مسلمانوں، ان کے اداروں،ان کی افواج، ان کے ممالک اور  او آئی سی وغیرہ کے ہوتے ہوئے بھی جو تباہی مچی ہے،معصوموں کا جوخون بہہ رہاہے اس سے عام مسلمانوں اورخاص کرنوجوانوں کے جذبات بھڑکے ہوئے ہیں۔ان کے دلوں میں اضطراب ہے ،دماغوں میں بے چینی اورسوالوں کا طوفان بپاہے۔ ایسے میں صدرٹرمپ کا مشرق وسطی کے تین مالدارعرب ممالک سعودی عرب ،قطراورمتحدہ عرب امارات کا چارروزہ دورہ ہوتاہے ۔اس دورہ نے عرب حکمرانوں کی جہاں اوربہت سی کمزوریوں کوطشت ازبام کیا وہیں اس نے بڑی شدت سے یہ بھی بتادیا کہ اب عربوں اورمسلمانوں میں سرکاری سطح پر تو امت کا تصورعملاًختم ہوگیاہے۔  اسلامی ادبیات میں اب بھی مسلم امۃ کا ذکرخوب ہوتاہے، مگراب وہ صرف ایک روحانی اوراخلاقی تصوربن کررہ گیاہے۔ اب مسلمان بھی عملاً چھوٹی چھوٹی قومیتوں میں بنٹے ہوئے ہیں اوران قومیتوں اورملکوں کے اپنے اپنے مفادات ہیں۔سب سے پہلے سعودی عرب ،سب سے پہلے پاکستان ،سب سے پہلے مصرسب سے پہلے ترکی یہ مسلم دنیاکی عمومی صورت حال ہے۔نیشن اسٹیٹ یاقومی ریاستوں کا یہ ظاہرہ جدیدسیاسی تصورات کی دین ہے اوراس کے عواقب بڑے خطرناک ہوئے ہیں۔جن کواہل نظرنے پہلے ہی محسوس کرلیاتھا۔اقبال ؒنے یونہی نہیں کہہ دیاتھاکہ  ؎

    ان تازہ خداؤں میں بڑاسب سے وطن ہے

    جوپیراہن اس کا ہے وہ مذہب کا کفن ہے

    مسلمان حکمرانوں اورخاص کرعرب بادشاہوں کے پاس کوئی will power نہیں ہے، ورنہ اگر یہ سب متحدہوکرواقعی کوشش کرتے تو غزہ میں جاری فلسطینی مسلمانوں کا قتل ِعام روک سکتے تھے، مگر تلخ صورتِ حال یہ کہ شروع میں توحرم میں غزہ کے لیے دعابھی منع تھی اورغزہ کا نام لینے پر گرفتار کرلیاجاتاتھا۔اب ہلکی پھلکی دعاکی اجازت ہے جس سے کہ اسرائیل اورامریکہ کے ماتھے پر کوئی شکن نہ آئے۔اس سے بھی زیادہ شقاوت اوربے حسی کی انتہایہ کہ سعودی عرب کے جدہ اورریاض میں برابرامریکی رقاصہ جینفرلوپیزکے عریاں کنسرٹ سعودی حکومت کی سرپرستی میں کرائے جاتے رہے اوراب بھی یہ مکروہ سلسلہ جاری ہے۔ اس بارے میں علماء کرام اوردینی جماعتوں کے ذمہ داران نے بھی اپنا شدید احتجاج درج نہیں کرایا۔مسلمان علماو دانشور،صحافی،سیاست داں اورعوام اتنی بڑی تعدادمیں باہرنکل کرنہیں آئے کہ وہ اپنی حکومتوں اوراپنی فوجوں پر کوئی دباؤبناسکتے۔ اپنی پارلیمنٹوں سے اسرائیل کو دہشت گرد ریاست قراردلواسکتے ۔اگروہ ایسا کرلیتے توشایدمغربی قوتیں ان کاکچھ تونوٹس لینے پرمجبورہوتیں۔ہم امیدکرتے ہیں پاکستان، ہند اور بنگلادیش کے وہ علماء جوملوکیت کے خادم رابطہ عالم اسلامی وغیرہ اداروں کے ممبربنے ہوئے ہیں وہ ان سے استعفاء دیں گے ۔کیونکہ سعودی عرب میں سرکاری سرپرستی میں جن فواحِش کورواج دیا جارہا ہے، ان کی موجودگی میں ایسے ممبرشپ کوقبول کیے رہنے کا کوئی جواز ہماری نظرمیں باقی نہیں ہے۔

    تمام مسلم حکمراں اسرائیل کوایک حقیقت واقعہ سمجھ کرقبول کرچکے ہیں، ایران اوریمن کے انصاراللہ(حوثی) کوچھوڑکر۔اس حقیقت کوبھی مزاحمتی قوتوں کوسامنے رکھناچاہیے۔بعض لوگ کہتے ہیں کہ عرب ممالک کا کردارحکیمانہ ہے، یہ حکیمانہ بالکل نہیں بلکہ بزدلانہ اورمجرمانہ ہے۔اس کوحکیمانہ اس وقت کہاجاسکتاہےجب وہ غزہ میں معصوم جانوں کوبچانے کے لیے کچھ کرتے ۔وہاں انسانی امداد داخل ہونے دیتے ۔جن لوگوں کورات دن ذبح کیاجارہا ہو اوربموں سے زندہ جلایاجارہا ہو ان کے لواحقین کوآپ مفت میں حج وعمرہ کراکراپنی ذمہ داری سے نہیں بچ سکتے!  گرچہ حکومتی سطح پر سعودی عرب کا حالیہ موقف کچھ بہترہواہے کہ اُس نے علی الاعلان کہاہے کہ ہم اسرائیل کوتبھی تسلیم کریں گے جب وہ دوریاستی حل کومان کرفلسطین کے قیام کے لیے راضی ہوجس کا دارالحکومت القدس ہوگا۔اس کے علاوہ ریاستی سطح پر سعودی عرب کا نمائندہ اسرائیل کے خلاف عالمی عدالتِ انصاف میں بھی پیش ہوا۔

    سوال یہ ہے کہ عالمی سطح پر مسلمان اتنے کمزورکیوں ہیں؟ اس کے اسباب کوتلاش کریں توسب سے پہلی وجہ مسلمانوں میں عدم اتحاداورانتشار کی کیفیت نظر آتی ہے۔شیعہ ،سنی اختلاف تواپنی جگہ خودسنی باہم متحارب ہیں۔عرب ممالک عراق ،سیریا،لیبیا اور سوڈان وغیرہ میں قبائلی گروہ باہم برسرپیکار ہیں اوراس خانہ جنگی سے نہ صرف عوام تباہ ہورہے ہیں،قومی املاک بربادہورہی ہیں بلکہ غیرملکی قوتوں کوبرابرمداخلت کا موقع بھی مل رہاہے ۔مسلمان سیاسی قیادت اورخاص کرعرب قیادت کسی پلیٹ فارم پر اکھٹا ہوجاتی ہے تو وہیں ان کے باہمی گلے شکوے شروع ہوجاتے ہیں۔ایک دوسرے کوموردالزام ٹھہرایاجاتاہے، یہ منظرعرب لیگ کے ہراجلا س میں نظرآجاتاہے۔ابھی صدرٹرمپ کے دورہ کے بعدبغدادمیں عرب لیگ کا چونتیسواں اجلاس تھا جس میں بن سلمان ،بن زاید تو گئے ہی نہیں قطرکے امیرتمیم بھی اجلاس میں شریک ہوئے بغیر ہی واپس چلے گئے ۔

    مسلم حکمرانوں اورامراء کی سوچ اورخاص کرعرب حکمران  اپنے عوام سے کس قدر دور ہیں اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ چودہ مئی کوامریکی صدرٹرمپ، سعودی عرب، قطر اور امارات کے دورے پر تھے ۔اس دورے میں عرب حکمرانوں نے جس طرح ان کا شاہانہ استقبال کیا ، قطر نے کئی              ملین ڈالر کا طیارہ قطرنے ان کوتحفہ میں دیا، جس طرح تینوں ملکوں نے اربوں ڈالر کے ہتھیارامریکہ سے خریدنے کے معاہدوں پر دسخط کیے، وہ اپنے آپ میں شرمناک ہے۔ساتھ ہی یہ لوگ اپنے فدویانہ جذبہ سے مغلوب ٹرمپ سے غزہ میں اسرائیلی جارحیت رکوانے کے بارے میں کوئی بات نہیں کہہ سکے ۔ الٹے ٹرمپ نے ان کوغزہ کا نام لے کر وہاں سے ہورہی اسرائیل کے خلاف نام نہاددشت گردی پر لیکچردے دیا۔ٹرمپ نے طوطے کی طرح اسرائیلی بیانیہ دہرا دیا اور ان سننے والے جلالۃ الملوک میں سے کسی نے بھی اتناحوصلہ نہیں دکھایاکہ تصویرکا دوسرارخ یعنی عرب سائڈ آف اسٹوری ہی ٹرمپ کے سامنے رکھ دیتے۔ مزاحمتی قوتوں کو یہ تلخ حقیقت اپنے سامنے رکھنی چاہیے کہ ان کا بیانیہ نہ صرف غیروں بلکہ اپنوں میں بھی نہیں چل پارہاہے۔

    ٹرمپ نے ریاض میں جی سی سی ممالک کے حکمرانوں اوران کے مندوبین کے سامنے حکمرانوں پر تعریفوں کے ڈونگرے تو برسائے۔محمدبن سلمان کوکہاکہ ’’تم اتنا کام کرتے ہوسوتے بھی ہو یانہیں ؟تم لوگوں نے تومشرق وسطی میں بالکل انقلاب برپاکردیاہے۔اتنی بڑی بڑی بلڈنگیں،یہ اسکائی اسکریپر!واہ واکیابات ہے !جانی کھڑے ہوجاؤ۔اوران کے اس حکم پر نہ صرف بن سلمان بلکہ اس کی حکومت کے تمام کارندے اورسارے خلیج کے مندوبین کمال نیازمندی سے کھڑے ہوگئے !

    ٹرمپ کے اس دورے نے ایک بارپھرہمارے سامنے اس حقیقت کو ننگاکردیا کہ یہ حکمران مالداراورکھرپ پتی سہی لیکن اپنی کمزوری میں یہ صحیح معنی میں مضبوط حکمراں نہیں بلکہ صرف اورصرف ملوک الطوایف ہیں اور اندلس کے ملوک الطوایف کی طرح ہی بے غیرت اوربے حس بھی ہیں اوربے حوصلہ بھی۔ٹرمپ کے حالیہ دورہ ٔمشرق وسطی میں یواے ای نے دوشیزاؤں کے  Hair splitting dance   کے ذریعہ اس ڈکٹیٹرکے استقبال سے مسلم ثقافت کوشرمسارکیا۔تینوں ممالک نے اپنی اپنی کرسی کی حفاظت کے بدلے 1.4 ٹریلین ڈالرکے سودے کیے۔قطرنے توتملق کی حدکردی کہ ۔400ملین ڈالرکا جیٹ طیارہ ٹرمپ کوگفٹ کیا۔یہ قومی خزانے قوم سے پوچھ کرخرچ نہیں کیے گئے اور نہ ہی ان کا کوئی حساب لینے والا ہے ۔یہی فرق ہوتاہے شخصی حکومتوں اورجمہوریت میں ۔یہ قومی خزانے اس پورے خطے کی قسمت بدل سکتے تھے اگران کوقوم کی فلاح وبہبودکے لیے ،سائنس وٹیکنالوجی کی ترقی کے لیے اورعالم عرب کی عام اٹھان کے لیے ایمانداری سے خرچ کیاجاتا۔عرب حکومتوں کے اِس عاقبت نااندیشی کے رویہ پر سب سے زیادہ تنقیدجس حلقہ سے متوقع تھی یعنی اخوان المسلمون ان پر مصرکے علاوہ خلیجی ممالک میں بھی پابندیاں ہیں اوراب اردن نے بھی پابندی لگادی ہے۔ان ممالک کے زیادہ ترعلما(سلفی )جی حضوری ہیں اوراپنے حاکموں کے اقدامات کوشرعی جواز دینے میں لگے رہتے ہیں۔اس لیے ان کوکسی کی روک ٹوک کاکوئی خطرہ نہیں۔

    اِن تینوں حکمرانوں کے ساتھ زیادہ رعایت کی جائے توکہاجاسکتاہے کہ انہوں نے یہ دیکھاکہ ٹرمپ آخری درجہ کے Ecentric(من موجی)شخص ہیں،متلون، نرگسی،شاہانہ اور تاجرانہ مزاج رکھتے ہیں۔صہیونیت سے کوئی عقیدہ کا کمٹمنٹ نہیں رکھتے ، البتہ یہ خواہش رکھتے ہیں کہ ان کوتاریخ میں بڑامقام دیاجائے(حالانکہ اس کی صلاحیت نہیں رکھتے)، ان کی اِس کمزوری کوسامنے رکھ کرغالباخلیجی حکمرانوں نے اتنی بڑی مالی رشوت دے کرکچھ بلاٹالنے کی کوشش کی ہے۔اس میں وہ اگرکچھ فلسطین کے لیے بھی حاصل کرلیتے توکیا ہی اچھاہوتا!

    جی سی سی ممالک کے اس ہائررینک اجلاس میں گرچہ کئی حکمرانوں نے دبے لفظوں میں غزہ کی بات کی جب کہ ٹرمپ نے اس عرب سخاوت ومہمان نوازی کا بھی کوئی لحاظ نہ کرکے دوحہ میں صاف کردیاکہ غزہ میں آئی مصیبت کی ذمہ دارحماس ہے، اس کوہتھیارڈالنے ہوں گے اورتمام اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرنا ہوگا ۔جس وقت ٹرمپ اس ٹورپر تھے، اسرائیل تابڑتوڑزمین سے، فضاء سے اورسمندرسے حملے کرکے دوسوفلسطینیوں کا قتل ِعام کررہاتھا جس پر کسی بھی مغربی ملک سے کوئی مذمت کا بیان جاری نہیں ہوا اور نہ ہی عرب حکمرانوں کی طرف سے ۔اسرائیل نے اب کی بار ناصر اسپتال کو نشانہ بنایاتھااوراس پر اسی طرز کا حملہ کیاتھا جس قسم کے حملہ میں اس نے حزب اللہ کے چیف حسن نصراللہ کوشہیدکیاتھا۔ نشانہ سنواربرادرزتھے ۔ٹرمپ کے دورہ سے قبل ہی حماس نے امریکہ سے مذاکرات کے نتیجہ میں یک طرفہ اور خیرسگالی کے اشارہ کے طورپر دہری شہریت کے حامل نوجوان امریکی فوجی یرغمالی عیدان الیگزینڈر کو رہا کردیا ۔ اور جیساکہ طے پایاتھا اور امید بھی تھی کہ اس کے بدلے میں غزہ میں انسانی امداد کو آنے دیاجائے گا،مگرایسا نہیں ہوا۔کئی دنوں کے لیت ولعل کے بعدامارات کے تعاون سے تھوڑی بہت غذائی امداد اب غزہ میں آناشروع ہوئی ہے جب کہ وہاں ہزاروں بچے بھوک سے مرجانے کی کگارپر پہنچ چکے ہیں!

    ا س سے معلوم ہواکہ ٹرمپ بھلے ہی اسرائیل نہ آیاہو مگراس کی انتظامیہ پورے طورپر بنجامن نتن یاہوکے ساتھ ہی کھڑی ہے۔اوراس میں ٹرمپ میں اختلافات کی کہانی محض ایک افواہ ہے۔اب امریکی مندوب اسٹیو وٹکوف بھی اسرائیل کی بولی ہی بول رہاہے اورکہہ رہاہے کہ حماس کوغزہ میں رہنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ وٹکوف کومعلوم ہوگیاہے کہ نتن یاہو(یادرہے کہ بائبل میں بن یامین کوپھاڑکھانے والابھیڑیاکہاگیاہے ،جینیسِس باب 27: 49) کسی پریشرمیں آنے والانہیں ہے اورٹرمپ اس پر براہ راست کوئی پریشرڈالنے کا خطرہ مول بھی نہیں لے گا۔اب عربات جدعون(Geadon Cheriots) نام کے آپریشن کے ذریعہ اسرائیل بری اورفضائی طورپردوبارہ غزہ پر پوری قوت سے حملہ آورہوچکا ہے ۔ ناصراسپتال کے علاوہ غزہ کے خیموں میں رہنے والے لوگوں پر بھی بمباری ہورہی ہے۔اوراتنی بڑی تعداد میں جانوں کا ضیاع ہورہاہے کہ مغربی ممالک بھی اب اسرائیل کے خلاف آواز بلندکرنے لگے ہیں۔

    مزاحمت کاراب بھی پوری استقامت کے ساتھ میدان میں ڈٹے ہیں اوراکا دکا گوریلاحملے کرکے جارح اسرائیلی فوجوں کونقصان بھی پہنچارہے ہیں مگریہ نقصان اتنا بڑانہیں ہے کہ اِس سے بہت زیادہ امیدیں لگائی جاسکیں البتہ یہاں یمن کے مجاہدانصاراللہ حوثیوں کے جذبۂ اخوت اورمومنانہ کردار کی داد ضرور دینی چاہیے جنہوں نے لگاتاراسرائیل پر میزائیلیں برساکرصہیونیوں کی ناک میں دم کررکھاہے۔حالانکہ یمن وسائل کے اعتبارسے نہایت غریب ملک ہے۔برسوں سے خانہ جنگی میں مبتلا تھا۔اوپرسے خباثت کے پتلے اورمغرب کے ہاتھوں میں کھیلنے والے سعودی عرب نے ان پر بمباری کی ۔اوراب امریکہ اوراسرائیل لگاتاران پر فضائی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اِس سب کے باوجود انہوں نے ظالموں کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے اوراپنے شدیدنقصانات کے باجود ان پرحملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پوری مسلم دنیاکی طرف سے فرض کفایہ اداکرنے پر وہ ہم سب کے شکریہ کے مستحق ہیں۔ تاہم سنی مسلمانوں میں اپنے فقہی وکلامی تعصبات کے مارے عام علماء کبھی بھولے سے بھی اس چیز کا تذکرہ نہیں کرتے کہ حوثی کتنا بڑاکارنامہ انجام دے رہے ہیں!

    غزہ کی موجودہ نازک صورت حال کوسامنے رکھ کرخیال ہوتاہے کہ ابھی مزاحمت کی قوتوں کواسٹریٹجک پسپائی اوراپنے وجود کو بچانے کی طرف جاناچاہیے ۔جنگ میں کبھی کبھی تراجع اختیارکرنا پڑتا ہے۔ غزہ میں بچوں اور عورتوں کو بچانے کے لیے اوراپنے وجودکو باقی رکھنے کے لیے فی الحال حماس کے پاس اورکوئی آپشن نہیں بچا ہے، سوائے اس کے کہ وہ غزہ کواس وقت چھوڑدے اور دوبارہ اپنی صفوں کو دوسرے نام سے متحدکرے۔حضرت سیف اللہ خالدبن الولیدؓ جنگ ِموتہ میں اپنے تین ہزارمجاہدین کوایک لاکھ کے ٹڈی دل رومی لشکرکے نرغہ سے نکال لے گئے تھے۔  جب یہ لوگ مدینہ واپس آئے تو بعض لوگوں نے ان کوطعنے دیے ان میں سے بعض نے نبی ﷺ سے ملاقات کے وقت نحن الفرارون (ہم بھگوڑے ہیں ) کہا۔ توآپ نے فرمایا:لا،بل انتم الکرارون(السیرۃ النبویۃ) نہیں،تم بھاگ کرنہیں آئے بلکہ دوبارہ پلٹ کراورجم کرحملہ کروگے ۔)

    اگرعرب زعماء اپنے خزانوں کو اتنی سخاوت سے ٹرمپ پرنثارکرنے کے بدلے کچھ جرأت کا مظاہرہ بھی کرپاتے تو شاید ٹرمپ اس بارے میں کچھ سوچ سکتا مگروہ غریب توشاہ سے زیادہ کون شاہ کا بڑا وفادار ہے اورکون بڑا خوشامدی ہے یہ ثابت کرنے میں لگے ہوئے تھے! اس دورے سے امریکی انتظامیہ کواس بات کا پورااندازہ ہوچکاہے کہ غریب غزہ توکہیں مالدارعرب ریاستوں کے ایجنڈے میں آتاہی نہیں۔ وہ اپنے بیانوں اورتقریروں میں اس کے بارے میں جوایک آدھ لفظ بول دیتے ہیں تووہ صر ف اپنے عوام کوٹھنڈاکرنے کے لیے!

    ٹرمپ کے حالیہ دورے سے تھوڑا سا فائدہ یہ ضرورہواہے کہ سعودی عرب کی سفارتی محنت سے امریکہ نے شام کی نئی سنی حکومت کوتسلیم کرلیا اوراس پر سے اقتصادی پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا۔ان پابندیوں نے شام کی اقتصادیات کوبالکل توڑدیاتھا۔اسی طرح ٹرمپ نے غیرمتوقع طورپر عرب ممالک پر اسرائیل کوتسلیم کرنے کا بھی بظاہرکوئی زورنہیں ڈالا۔انہوں نے ابراہیم اکارڈ کا تذکرہ تو ضرور چھیڑا مگر اس پرکوئی دباؤ نہیں بنایا۔ان کا دورہ پوری طرح کاروبار پر مرتکز رہا۔ ٹرمپ کے دورہ کے ختم ہوتے ہی عرب لیگ کا چونتیسواں اجلاس بغداد میں ہوا، بڑی گرم گرم اورجوشیلی تقریریں ہوئیں، بیانات دیے گئے مگرگراؤنڈپر کچھ بھی تبدیل نہیں ہوا۔ اسی سے پتہ چلتاہے کہ عرب لیڈروں اور حکمرانوں نے جو ادارے اورتنظیمیں بنائی ہیں ان میں بھی کوئی مؤثرادارہ نہیں ہے۔ اوآئی سی ،رابطہ عالم اسلامی، عرب ورلڈ لیگ سب غیرمؤثر ہیں۔ سعودی عرب سب پر اثراندازہے، اس لئے کہ سب کی فنڈنگ وہی کرتاہے۔ خطہ میں عملاً تین بلاک ہیں: ایران ،سعودی عرب اورترکی ۔تینوں کے مفادات ایک دوسرے سے متصادم ہیں۔ سعودی عرب اوراس کے ساتھ دوسرے خلیجی ممالک یہ فیصلہ کرچکے ہیں کہ اسرائیل کوتسلیم کرنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔یہ حماس کوبھی تسلیم نہیں کرتے۔ (۲) ترکی صرف زبانی جمع خرچ کرتاہے عملاً کچھ نہیں کرتا۔(۳) ایران مقابلہ کر رہا ہے مگر کمزورہے۔کل ملاکریہ کہاجاسکتاہے کہ طاقت کا توازن مسلمانوں کے حق میں بالکل بھی نہیں ہے۔آج تعلیم ،سائنس اور اقتصاد تینوں میں مسلمانوں اورغیرمسلموں کے درمیان جوفرق ہے وہ سودوسوسال کا نہیں صدیوں کا ہے۔ پہلے اس کودورکرناہوگا۔

    ہم عرب حکمرانوں کی مذمت اکثرکرتے ہیں مگرسچی بات تویہ ہے کہ خلیج کے عرب ہوں یاعجم کے مسلم حکمراں اِس حمام میں سب ننگے ہیں۔ ترکی ہو یا پاکستان، ملائشیا ہو یا انڈونیشیا، آذربائیجان ہو یا مصر، شکوہ توسب سے ہے۔عرب چونکہ قریبی ہیں اورمالی وسائل بھی دوسروں کے مقابلہ میں زیادہ رکھتے ہیں اس لیے ان کا ذکرزیادہ ہوتا ہے۔

     

    ٭رسرچ ایسوسی ایٹ مرکز فروغ تعلیم وثقافت،مسلمانان ہند،

    علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، علی گڑھ

    ای میل :mohammad.ghitreef@gmail.com

  • کیا ہندوستان کی خارجہ پالیسی ناکام ہو گئی؟

    کیا ہندوستان کی خارجہ پالیسی ناکام ہو گئی؟

    اس وقت سیاسی و صحافتی حلقوں میں اس بات پر بحث ہو رہی ہے کہ کیا ہندوستان کی خارجہ پالیسی ناکام ہو گئی ہے۔ یہ کہاجارہا ہے کہ آپریشن سندور کے دوران اور اس کے بعد ہندوستان تنہا پڑ گیا ہے۔ اور یہی وجہ ہے کہ حکومت کو 32 ملکوں میں پارلیمانی وفود بھیجنے پڑ رہے ہیں تاکہ ان ملکوں کو پہلگام حملے کی تفصیلات بتائی جائیں اور یہ بھی واضح کیا جائے کہ اس کے بعد ہندوستان کی جانب سے آپریشن سندور نام کی کارروائی کیوں کرنی پڑی۔ کانگریس سمیت کئی اپوزیشن پارٹیاں کہہ رہی ہیں کہ اس وقت ہندوستان عالمی سطح پر تنہا ہو گیا ہے۔ آپریشن سندور کے دوران یا اس کے بعد کوئی بھی ملک یہاں تک کہ دوست ملک بھی اس کے ساتھ کھڑا نظر نہیں آرہا ہے۔ اس موقع پر 2014 سے لے کر اب تک کے وزیر اعظم نریندر مودی کے غیر ملکی دوروں پر بھی سوال اٹھائے جا رہے ہیں اور پوچھا جا رہا ہے کہ اتنے دورے کرنے کے باوجود کوئی بھی ملک ہندوستان کے ساتھ کیوں نہیں ہے۔ پہلے سے ہی یہ بات کہی جا رہی تھی کہ موجودہ حکومت کی خارجہ پالیسی کی ناکامی کی وجہ سے کسی بھی پڑوسی ملک سے ہندوستان کے تعلقات اچھے نہیں رہ گئے۔ یہاں تک کہ نیپال جیسے ملک کے ساتھ بھی تنازعات پیدا ہوئے۔ مالدیپ جیسے ایک بہت ہی چھوٹے ملک کے ساتھ اختلافات ہوئے اور وہاں ’’ہندوستان باہر جاؤ‘‘ کے نعرے لگائے گئے۔ بنگلہ دیش ایک واحد دوست ملک بچا تھا لیکن شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد وہ بھی دوست نہیں رہا۔

    دراصل جب 22 اپریل کو پہلگام میں دہشت گردوں نے سیاحوں پر حملہ کیا جس میں 26 افراد کی جانیں گئیں تو دنیا بھر سے ا س واردات کی مذمت کی گئی۔ بیشتر ملکوں کے سربراہوں نے ہندوستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ وزیر اعظم مودی نے متعدد سربراہان مملکت کو اس کی تفصیلات بتائیں۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کئی ملکوں کے اپنے ہم منصبوں کو بریف کیا۔ متعدد ملکوں کے وزرائے اعظم اور صدور نے وزیر اعظم مودی کو فون کرکے پہلگام حملے کی مذمت کی اور دہشت گردی کے قلع قمع کی بات کہی۔ اس وقت ایسا لگ رہا تھا کہ دنیا کے بیشتر ممالک ہندوستان کے ساتھ ہیں اور اگر اس نے پاکستان کے اندر کوئی کارروائی کی تو یہ ملک اس کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہو جائیں گے۔ ہندوستان نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف آپریشن سندور کے تحت کارروائی کی جس میں میڈیا کے مطابق ایک سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے جن میں اکثریت دہشت گردوں کی رہی۔

    اس کارروائی کے بعد پاکستان نے بھی جوابی کارروائی کی اور سات مئی سے دس مئی تک دونوں کے درمیان ہتھیاروں کا استعمال ہوتا رہا۔ اس وقت ایسا لگ رہا تھا کہ یہ اقدامات مکمل جنگ میں تبدیل ہو جائیں گے۔ امن پسند طبقات کو اس بات کا اندیشہ تھا کہ اگر جنگ ہوئی تو کہیں ایسا نہ ہو کہ جوہری ہتھیار استعمال کر لیے جائیں۔ اگر استعمال کیے گئے تو آن واحد میں کروڑوں افراد لقمہ اجل بن جائیں گے۔ لیکن اسی درمیان اچانک دس مئی کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اعلان کر دیا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی ہو گئی ہے۔ انھوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ انہوں نے دونوں کے درمیان ثالثی کی اور اب دونوں ملک کسی تیسرے غیر جانبدار ملک میں بیٹھ کر باہمی مذاکرات کریں گے۔ اس اعلان پر اندرون ملک جہاں اطمینان کا اظہار کیا گیا وہیں جنگ حامی طبقات میں مایوسی پیدا ہو گئی۔ یہ سوال بھی کیا جانے لگا کہ اگر جنگ بندی کرنی تھی تو پھر یہ کارروائی کیوں کی گئی۔ دوسرے یہ کہ ہندوستان اور پاکستان کے باہمی تنازعات کو آپسی مذاکرات سے حل کرنے کے معاہدے موجود ہیں تو پھر تیسرے ملک میں بات چیت کا کیا مطلب ہے۔ کیا اب ہندوستان کی جانب سے تیسرے ملک کی عدم مداخلت کا موقف ختم کر دیا گیا۔ یہ بھی کہا گیا کہ جنگ بندی کا اعلان کرنا تھا تو ان دونوں ملکوں کو کرنا تھا امریکہ نے کیوں اعلان کیا۔ بہت سے سوالات اٹھائے جانے لگے جس پر حکومت خاموش رہی۔ ادھر ٹرمپ کی جانب سے بیان پر بیان داغا جانے لگا۔ جس کی وجہ سے کنفیوژن کی کیفیت پیدا ہو گئی۔ بالآخر حکومت کی جانب سے اپنے موقف کا اعلان کیا گیا۔

    بہت سے مبصرین کا خیال ہے کہ وزیر اعظم مودی نے 2014 کے بعد سے اب تک 89 غیر ملکی دورے کیے جن میں وہ ایک سو سے زائد ملک میں گئے اور ہزاروں کروڑ روپیوں کا خرچ ہوا۔ تقریباً ہر ملک میں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ حکومت کی جانب سے یہ پروپیگنڈہ کیا جانے لگا کہ مودی کی کوششوں سے ہندوستان وشو گرو بن گیا ہے۔ پوری دنیا میں ڈنکا بج رہا ہے۔ لیکن اب جب کہ  ایک نازک موقع آیا تو کوئی بھی ملک ہندوستان کے ساتھ دوستانہ جذبہ دکھانے کے لیے تیار نہیں تھا۔ یہاں تک کہ روس جیسا روایتی دوست ملک بھی کھل کر اس کے ساتھ نہیں آیا۔ وزیر اعظم مودی نے عالم اسلام کے خوب دورے کیے۔ کئی اسلامی ملکوں نے ان کو اپنے یہاں کے اعلیٰ سول اعزاز سے بھی نوازا۔ لیکن اس موقع پر ان میں سے کوئی بھی ہندوستان کے ساتھ نہیں آیا۔ واضح رہے کہ پہلگام حملے کے وقت مودی سعودی عرب کے دورے پر تھے جسے مختصر کرکے وہ درمیان میں ہی واپس آگئے تھے۔ لیکن اس نے بھی ہندوستان کا ساتھ دینے کا اعلان نہیں کیا۔

    اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ دنیا کی کوئی بڑی طاقت ہندوستان کے ساتھ کھڑی نظر نہیں آرہی ہے۔ ٹرمپ کا رویہ سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے جس طرح بیان پر بیان دیا ہے اس سے ایسا تاثر ملتا ہے کہ انہوں نے نریندر مودی کی دوستی کو کوئی اہمیت نہیں دی۔ وہ تو مودی کے سامنے ہی یہ کہتے رہے ہیں کہ ہندوستان امریکی مصنوعات پر سو فیصد درآمدی ٹیکس لگاتا ہے اور ہم بھی اتنا ہی لگائیں گے۔ انہوں نے جب بھی پہلگام حملے اور آپریشن سندور کے تعلق سے کوئی بیان دیا تو ہندوستان کے ساتھ پاکستان کا بھی نام لیا۔ جس طرح حالیہ برسوں میں امریکہ سے ہندوستان کے رشتے نئی بلندیوں پر پہنچے ہیں اور پاکستان سے اس کے تعلقات خراب ہوئے ہیں اس کی روشنی میں ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ صدر ٹرمپ یکطرفہ طور پر ہندوستان کا ساتھ دیتے۔ لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا اور اب بھی نہیں کر رہے ہیں۔ یہ کہا جاتا رہا ہے کہ چار ملکوں کے گروپ کواڈ میں جس میں ہندوستان اور امریکہ کے علاوہ جاپان اور آسٹریلیا بھی شامل ہیں، ہندوستان ایک طاقتورپوزیشن میں ہے۔ لیکن کواڈ کا ایک بھی رکن ہندوستان کے ساتھ نہیں آیا۔ آسٹریلیا کے وزیر اعظم اینتھونی البانیز نے پہلگام حملے کے بعد مودی کو فون کرکے دہشت گردی کی مذمت کی لیکن جب ایکشن ہوا تو کچھ نہیں کہا۔ جاپان کے وزیر اعظم شیگیرو اِشیبا نے بھی پہلگام حملے کی مذمت کی۔ لیکن بعد میں جاپان نے ہندوستان کے خلاف پاکستانی کارروائی کی مذمت نہیں کی۔ روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے دہشت گردانہ حملے کے بعد وزیر اعظم مودی کو فون کیا اور دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کی بات کہی۔ لیکن پاکستان کے ساتھ فوجی کشیدگی کے موقع پر ہندوستان کی حمایت میں کوئی بیان نہیں دیا۔

    ادھر پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات نے پاکستان کی بھرپور حمایت کی ہے۔ ترکیہ اور آذر بائیجان نے تو کھل کر پاکستان کا ساتھ دیا۔ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوگان نے ایک بیان میں کہا کہ وہ ہر اچھے برے وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے شہباز شریف کو اپنا پیارا بھائی بتایا۔ ان دونوں ملکوں کی جانب سے پاکستان کی حمایت کرنے کی وجہ سے ہندوستان میں ان کے بائیکاٹ کی مہم چلائی جا رہی ہے۔ خاص طور پر ترکیہ کے خلاف متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس کی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جا رہا ہے۔ کئی یونیورسٹیوں نے وہاں کی یونیورسٹیوں کے ساتھ کیے جانے والے معاہدے ختم کر دیے ہیں۔ لیکن دوسری طرف کوئی بھی ملک ایسا نہیں ہے جو کھل کر ہندوستان کی حمایت میں بیان دے۔

    لہٰذا اب جب کہ  حکومت نے 32 ملکوں میں 59 ارکان پارلیمنٹ پرمشتمل وفودبھیجنے کا اعلان کیا ہے تو اپوزیشن کی جانب سے ہندوستان کی خارجہ پالیسی پر سوال اٹھایا جا رہا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ اگر ہندوستان وشو گرو بن گیا ہے تو پھر کوئی ملک اس کے ساتھ کیوں نہیں آیا اور اب حکومت کو ان ملکوں میں وفود بھیجنے کی ضرورت کیوں پڑ رہی ہے۔ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ جو ممبران پارلیمنٹ اسلامی ملکوں میں جا رہے ہیں وہ ہندوستان میں مسلمانوں کے ساتھ کیے جانے والے سلوک کے بارے میں کیا جواب دیں گے۔ واضح رہے کہ ان وفود کے جانے سے قبل ہی مدھیہ پردیش کے ایک وزیر وجے شاہ کی جانب سے کرنل صوفیہ قریشی کی توہین و تذلیل کی گئی جس پر عدالتوں نے بہت سخت رخ اختیار کیا ہے۔ تاہم ابھی تک ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے۔ جب کہ  ایک بے ضرر بیان پر اشوکا یونیورسٹی کے پروفیسر علی خان محمود آباد کو گرفتار کر لیا گیا جنھیں اب سپریم کورٹ نے عبوری ضمانت دے دی ہے۔ علی خان محمود آباد کا معاملہ عالمی میڈیا میں چھایا ہوا ہے۔ مبصرین کہتے ہیں اسلامی ملکوں میں جانے والے ارکان مسلمانوں کے سلسلے میں کیے جانے والے سوالوں کا کیا جواب دیں گے۔ بہرحال ہم یہاں کوئی نتیجہ اخذ نہیں کر رہے ہیں کہ ہندوستان کی خارجہ پالیسی کامیاب ہے یا ناکام۔ ہم نے تمام حقائق قارئین کے سامنے رکھ دیے ہیں۔ وہ خود فیصلہ کریں کہ خارجہ پالیسی کہاں کھڑی ہے۔

  • دینی و عصری علوم میں ہم آہنگی کی ضرورت

    دینی و عصری علوم میں ہم آہنگی کی ضرورت

    یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ نوع انسانی کا بنیادی سرمایہ علم ہے جس پر اس کی تعمیر و خوشحالی کا انحصار ہے۔ یہ مبنی بر حقیقت ہے کہ گیتئی ہستی میں صرف اہل علم ہی ہیں، جنہیں ان کے چلے جانے کے بعد بھی ان  کی علمی ، فکری اور تحقیقی سرگرمیوں کو  یاد کیا جاتاہے ۔ علم انسان کو زندگی اور تابندگی عطا کرنے کے ساتھ خود شناسی، ت کا اہم تریں تقاضہخود آگہی، احساس ذمہ داری، خود مختاری اور آزادی فکر و نظر فراہم کرتا ہے۔ اس کے برعکس جہالت انسان کو مردہ اور دوسروں کا محتاج بنا کر خود مختاری و خودآگہی سے محروم کردیتی ہے اور اسے ذہنی و فکری غلامی اور پھر جسمانی وسیاسی غلامی میں مبتلا کردیتی ہے۔ ان پڑھ شخص مثبت سوچ و فکر اور تعمیری نظریات سے بھی محروم رہتا ہے۔

    یہ سچ ہے کہ علم انسان کی باطنی اور روحانی اصلاح و تربیت میں بنیادی رول ادا کرتاہے، حتی کہ زیور علم سے آراستہ فرد اور روح کو نفسانی خواہش کی غلامی اور مادّیت پرستی کی آلائشوں سے پاک کر دیتاہے تاکہ بندہ رضائے الٰہی کے مطابق اپنی زندگی گزار سکے۔ روح کی پاکیزگی کا آئینہ انسانی اخلاق ہیں کیوں کہ  باطن کی حالت کا اندازہ ظاہری اعمال سے لگایا جاسکتا ہے۔ اس لیے اسلامی نصابِ تعلیم میں حُسنِ اخلاق پر بہت زور دیا گیاہے۔ دراصل نظامِ اخلاق ہی فرد اور سماج کی عملی زندگی کی کامیابی یا ناکامی کا معیار ہے۔ اسلامی نصابِ تعلیم انسان کی اخلاقی زندگی کی تعمیر کرتا ہے اور اسے اس قابل بناتا ہے کہ وہ عملی زندگی میں معاشرے کا ایک مفید بااخلاق اور معزز فرد کہلاسکے۔

    صحیح معنوں میں علم و تحقیق سے  متصف فرد بلا ضرورت نت نئے فتنے اور غیر اخلاقی فلسفے پیش نہیں کرتا اور نہ ہی اخلاقی اقدار میں سے کسی میں خورد برد کرتا ہے۔ علم سے متصف فرد ہر شعبۂ زندگی میں اخلاق کو حکمراں بناتا ہے اور اس بات کی تعلیم دیتا ہے کہ معاملاتِ زندگی کی باگیں خواہشات، اغراض اور مصلحتوں کےبجائےاخلاقی پیمانوں پر استوار کی جائیں۔

    چنانچہ اسلامی تعلیمات بھی انسانیت سے ایک ایسے نظام زندگی کے قیام کا مطالبہ کرتی ہیں جو اچھی اور نیک اقدار پر قائم اور منکرات سے پاک ہو۔ گویا اسلامی نظام تعلیم کا تعلق اللہ اور بندے کے باہمی تعلق کے ساتھ انسانوں کے درمیانی تعلقات سے بھی ہے۔ اسلامی تعلیم تمام انسانی معاملات میں اخلاقی اصولوں کی روح کو رواں دواں دیکھنا چاہتی ہے۔ وہ رحم، عفوودرگزر اور خطا پوشی جیسے پسندیدہ اخلاق کا مظاہرہ کرنے والے بندے میں نیابت ِالٰہی کا رنگ دیکھنا چاہتی ہے۔ اس کے نزدیک صبر، شکر ، معرفت حق، عدل و انصاف،سچائی، راست بازی، امانتداری، رواداری، احسان، مساوات، اخوت اور تقویٰ پسندیدہ اخلاقی صفات ہیں۔ اچھی صفات کو زندگی کا جزو بنانا اور مذمومہ صفات سے دامن بچانا مومن کی شان ہے۔اسلامی تعلیمات کا لب لباب بھی یہی ہے کہ  بلند اخلاق شرف انسانی کی معراج اور آدمیت کے روحانی و اخلاقی حسن کو دوبالا کردیتی ہیں۔

    البتہ یہاں یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ اسلام نے علم کو ویدک مذہب کی طرح صرف برہمنوں تک محدود نہیں رکھا اور نہ ہی صرف طبقۂ اشرافیہ کو مستفید ہونے کا حق دیا ہے جیسا کہ قدیم دور کے سلاطین کا طریقۂ کار تھا بلکہ تعلیم کو جمہوری اور عوامی میراث بنا کر پیش کیا ہے اور ہر خاص و عام کو اسے حاصل کرنے کی ترغیب دی ہے۔اسلام نے علم کو زندگی اور جہالت کو موت سے تعبیر کیا ہے۔ یہ موت جسم و جان کی نہیں بلکہ فکر اور روح کی ہے۔  

    جب ہم عہد رسالت کے نظام تعلیم و تربیت  کا مطالعہ کرتے ہیں تو پتہ چلتا ہے کہ حضور نے جو تصورعلم کے متعلق دیا تھا اس نے اسلام کی شعوری اور فکری زندگی کو اپنے غیر متبدل راستے پر استوارکر دیا ہے اسلام کا نظام تعلیم ایک ایسا جامع نظام ہے جو ہم آہنگی کے ساتھ ایک مضبوط شخصیت کی تعمیر کرتا ہے۔ یہ تعلیم کا ایسا جامع و ہمہ گیر نظام ہے جو فرد کی کامل تعلیم پر زور دیتا ہے جس میں جسم، دماغ اور روح شامل ہیں۔ یہ انسانی روح میں نور الٰہی کا ایساشعلہ بھڑکا دیتا ہے جو زندگی کو حقیقی معنی عطا کرتا ہے اور منزل ِمقصود کے حصول کے لیے اسے ہمہ وقت جہدِ مسلسل کی مہمیز دیتا ہے۔  یہ زندگی کے ہر مرحلے میں مستقل ترقی اور آگے بڑھنےکے لیے مسلسل جدوجہد کی تاکید کرتا ہے۔ انسانی شخصیت کی نمو اور ترقی کا انحصار مستقل جدوجہد پر ہی موقوف ہے۔ اسلام کے مطابق انفرادی شخصیت کی تعمیر ایک مفروضہ نہیں بلکہ کامیابی ہے۔ یہ کامیابی معاشرے کی باطل قوتوں اور خود انسان میں موجود انتشار پھیلانے والے رجحانات کے خلاف جدوجہد اور انتھک کوششوں کا ثمر ہے۔  یہاں اس بات کی بھی وضاحت ضروری ہے کہ نظام تعلیم اور تعلیمی اداروں کے قیام کا تصور اور جو نظریہ ہمارے اکابر علماء، دانشوروں اور مفکرین نے ماضی میں پیش کیا ہے وہ بڑا جامع اور مکمل تھا ۔ ان اداروں میں نہ جدید و قدیم کے نام پر تفریق تھی اور نہ مشرق و مغرب کے نام پر کسی طرح کی تقسیم پائی جاتی تھی ۔ بلکہ صرف حصول علم کے نام پر ادارے قائم ہوتے تھے ان میں وقت و حالات کی ضرورت کے مطابق اسکالر اور اصحاب علم وفضل تیار کیے جاتے تھے ۔ مدرسہ نظامیہ بغداد کی نسبت اس کے بانی نظام الملک طوسی کی طرف ہے جو سلجوقی دور کا وزیراعظم تھا۔  شاہی سرپرستی میں چلنے والا یہ مدرسہ طلبہ اور اساتذہ کے لئے  ہر قسم کی سہولیات اور تمام علوم و فنون اور معارف و حکم کے حاصل کرنے کا شاندار مرکز و محور تھا ۔ اس ادارہ میں امام غزالی اور امام ابواسحاق شیرازی،  مجد الدین فیروزآبادی جیسے  اصحاب علم وفضل تدریسی خدمات انجام دیتے تھے ۔ ان حضرات کی متنوع فکر کا اندازہ ان کی علمی و تحقیقی خدمات سے لگایا جاسکتا ہے۔ اسی طرح سلطان محمود غزنوی نے حکم دیا کہ غزنی میں ایک عالی شان مسجد بنوائی جائے۔ چنانچہ ایک کثیر رقم خرچ کرکے ایک عالی شان مسجد تعمیر کی گئی جسے عروس الفلک (آسمانی دلہن) کا نام دیاگیا۔ اسی مسجد میں علوم نقلیہ و عقلیہ کی تدریس کے لیے ایک بہترین دارالعلوم تعمیر کرایا۔ یہاں پر کامل ترین علماء و فضلاء ایشیاء بھر کے طلبہ کو درس دیا کرتے تھے۔ یہ کالج ایشیاء بھر میں اپنی نظیر آپ تھا۔

    فاطمی امراء نے 358 ھ میں مصر فتح کیا تو قاہرہ کو اپنا مذہبی مرکز بناکر یہاں 359ھ میں جامع مسجد ازہر کی بنیاد رکھی۔ پہلے فاطمی خلیفہ العزیز باللہ نے اس میں ایک شاہی مدرسہ کھولا۔ جہاں پر منقولات اور معقولات کی تدریس کا اہتمام کیا جاتا تھا۔ بہت جلد یہاں پر اطراف و اکناف کے طلبہ جمع ہوگئے۔ جن کی تعلیم، کھانے پینے، رہائش اور دیگر سہولتوں کا مفت انتظام تھا۔ فاطمی امراء شیعہ تھے اور انھوں نے اس مدرسہ کو زیادہ تر سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا۔ لہٰذا جب صلاح الدین ایوبی نے مصر فتح کیا تو یہاں پر شافعی مذہب کے مطابق تعلیمات کو رواج دیا۔ یہ مدرسہ آج تک جامعہ ازہر کے نام سے قائم ہے اور یہ عالم اسلام کی سب سے بڑی اور قدیم یونیورسٹی کے طور پر جانی جاتی ہے۔ یہ بھی ملاحظہ کرتے چلیں کہ یورپ کے ملک اندلس (اسپین) میں جو مسلمانوں کے زیرنگین تھا قرطبہ اور غرناطہ علم و فن اور ارباب کمال کے بڑے مرکز بن گئے تھے۔ قرطبہ کی مشہور عالَم "جامع مسجد قرطبہ” میں خلیفہ الحکم ثانی نے جامعہ قرطبہ کے نام سے ایک بڑی یونیورسٹی قائم کی تھی۔ جہاں پر مفت تعلیم کا انتظام تھا، یہاں پر مشرق و مغرب کے جلیل القدر اساتذہ تدریس کی خدمت پر مامور تھے، اس یونیورسٹی کی عظمت کا اندازہ اس کے کتب خانہ سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے، جس میں چار لاکھ نادر کتابیں موجود تھیں اور اس کی صرف فہرست ہی چوالیس جلدوں پر مشتمل تھی–

    مذکورہ مدارس کی پیروی میں بعد میں بہت سارے مدارس کا قیام عمل میں آیا۔ چنانچہ نورالدین محمود بن زنگی نے دمشق اور حلب میں اور پھر صلاح الدین ایوبی اوراس کے خاندان نے مصر، دمشق اور یروشلم میں بڑی تعداد میں مدارس قائم کئے جن کی تفصیل المقریزی کی کتاب ”الخطط“ اور نُعیمی کی کتاب ”الدارس فی تاریخ المدارس“ میں دیکھی جاسکتی ہے۔

    (  ان اداروں کی تفصیل کے لیے دیکھیے: مضمون : اکرام اللہ جان قاسمی ، ( ڈاکٹر )ماہنامہ دارالعلوم ‏، شمارہ4، جلد: 89 ‏،صفر‏، ربیع الاول 1426ہجری مطابق اپریل 2005ء)

    یہاں یہ بات پورے وثوق سے کہی جاسکتی ہے کہ ماضی میں ہمارے اکابر نے جو ادارے اور مراکز علم قائم کیے تھے ان میں وسعت تھی۔ ان کے یہاں دینی و دنیوی علوم کے نام پر  کوئ تفریق نہیں برتی جاتی تھی ۔ جب سے دینی اور دنیوی اداروں کی شناخت ہونے لگی اور اسی مناسبت سے نصاب تعلیم مرتب کیا جانے لگا تب سے بہت سارے مسائل پیدا ہوئے ۔ عصری دانشگاہوں اوردینی اداروں میں اعتدال و امتزاج اور ہم آہنگی ختم ہوئی تو وہیں علمی روابط بھی کسی حد تک متاثر ہوئے اور پھر ہوا یہ کہ تعلیم کے نام پر ہم نے اپنے معاشرے میں دو محاذ تیار کرلئے۔  سچ بات یہ ہے کہ دونوں ہی افراط و تفریط کا شکار ہیں۔

    اگر ہم بات کریں عصری اداروں کی تو ان کے متعلق یہ کہنا مناسب معلوم ہوتا ہے کہ ان اداروں کے فارغین دین کی بنیادی اور اخلاقی تعلیمات سے پوری طرح ناآشنا ہوتے ہیں ،عیش پرستی پوری طرح غالب ہوتی ہے ۔ وہیں جب بات کرتے ہیں دینی اداروں کی تو پتہ چلتا ہے کہ  ان اداروں کے فضلاء سماجیات اور دیگر ضروری مضامین سے پوری طرح کورے ہوتے ہیں۔ اس لیے قدیم و جدید کی تفریق معدوم کرکے دونوں نظاموں میں بنیادی طور پر ہمیں امتزاج و ہم آہنگی اور توسع و رواداری  پیدا کرنے کی سخت ضرورت ہے ۔

    جب ہم مسلمانوں کے نظام تعلیم  اور ان کے علمی و تحقیقی کارناموں کا مطالعہ کرتے ہیں تو پتہ چلتا ہے کہ ماضی میں ہمارے اداروں سے جو افراد تیار ہوتے تھے نہ صرف وہ فکری طور پر متوازن اور توسع پسند ہوتے تھے بلکہ وہ متنوع و متعدد علوم و فنون کے ماہر بھی ہوتے تھے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ہمارے یہ مفکرین انہیں اداروں میں تعلیم حاصل کرتے تھے جہاں دینی تعلیم بھی ہوتی تھی ۔ 

    امام محمد بن محمد الغزالی آپ نے امام الحرمین ابوالمعالی عبدالملک الجوینی کے پاس مدرسہ نظامیہ بغداد میں پڑھا۔ فراغت کے بعداسی مدرسہ میں استاذ مقرر ہوئے اور ترقی کرتے کرتے صدر نشین کے درجہ تک پہنچ گئے۔ آپ نے فلسفہٴ یونان کا مطالعہ کیا جس کے نظریات اسلام سے متصادم تھے اور اس کی رد میں اپنی مشہور کتاب ”تہافة الفلاسفہ“ لکھی۔ آپ کی تالیفات میں سے احیاء علوم الدین، یاقوت التاویل (تفسیر قرآن چالیس جلدوں میں) اور تہافة الفلاسفہ مشہور ہیں۔

    ابوعلی حسین بن عبداللہ بن سینا  نے حفظ قرآن اور دینی علوم کے علاوہ ریاضی، منطق اور طبعیات کے ساتھ ساتھ طب و ادب میں کمال حاصل کیا۔ مختلف شاہی درباروں سے منسلک رہے اور شاہی کتب خانے استعمال کئے۔ سوسے زیادہ کتابیں لکھی ہیں جن میں ”الشفاء“  ”القانون“ صدیوں تک یورپ کے طبی کالجوں میں پڑھائی جاتی رہی ہیں۔

    ابوریحان محمد بن احمد البیرونی نے  مختلف علوم وفنون میں کمال حاصل کیا۔ کئی زبانوں میں مہارت حاصل کی عربی، فارسی، سنسکرت، ترکی، عبرانی اور یونانی زبانوں میں  دسترس حاصل کرکے ہیئت، طبعیات، جغرافیہ اور ریاضی میں عالمی سطح کی تحقیقات پیش کیں ۔ آپ کی تصانیف کی تعداد 113 بتائی جاتی ہے۔

    امام ابوبکر احمد بن حسین بیہقی  نے نیشاپور کے مدرسہ میں الحاکم ابوعبداللہ محمد بن عبداللہ نیشاپوری کے سامنے زانوئے تلمذ تہ کئے۔ آپ بلند پایہ مفسر، محدث، فقیہ اور علم اصول کے ماہر تھے۔ آپ کی تالیفات ایک ہزار جلدوں پر مشتمل ہیں۔ جن میں المبسوط فی فروع الشافعیہ، کتاب الکبیر اور دلائل النبوّہ مشہور ہیں۔

    یوسف بن عبداللہ بن عبدالبر نے  تمام علوم خصوصاً علم حدیث میں بلند مقام حاصل کیا۔ آپ کی تصانیف کی ایک لمبی فہرست ہے۔ یہ تصانیف سینکڑوں جلدوں پر مشتمل ہیں جن میں التمہید (ستّرجلدوں میں) الاستیعاب، جامع بیان العلم وفضلہ اور الانتقاء مشہور ہیں۔

    ان مثالوں سے اس بات کا اندازہ لگانا چنداں مشکل نہیں ہے کہ ہمارے یہاں جو تعلیم دی جاتی تھی اس میں کسی طرح کوئی تفریق نہیں ہے ۔ ایک ہی ادارہ ہوتا تھا اور اس ادارہ میں جن علوم و فنون کی سماج کو ضرورت ہوتی تھی یا جن علوم کا حاصل کرنا ضروری تھا ان پر علمی و تحقیقی کام بھی ہوتا تھا اور اسکالر بھی تیار کیے جاتے تھے ۔ مگر آج ہمارے یہاں جس طرح کا نصاب زیر تدریس ہے اس میں سماج سے وابستہ چیزیں تک نہیں ہیں اس لیے ہمیں اپنے اندر توسع اور تنوع دونوں پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔

    جس طرح آج قومی و معاشرتی ہم آہنگی ضروری ہے اسی طرح  عصری و دینی علوم و معارف میں ہم آہنگی بھی بے حد ضروری ہے۔ دینی اور عصری علوم کے نام پر جو تقسیم آج ہمارے معاشرے میں پائی جاتی ہے اس کی مخالفت علماء کا ایک طبقہ شروع ہی سے کرتا چلا آیا ہے ۔ چنانچہ اس بابت مولانا مناظر احسن گیلانی کا نظریہ پیش کرنا مناسب معلوم ہوتا ہے ۔ مولانا گیلانی علوم کی دین و دنیا کے نام پر جو تقسیم ہے اس کی عدم اہمیت پر بڑے بے باک انداز میں لکھتے ہیں :

    ” حکومت اور سوسائٹی دونوں میں صرف ان علوم و فنون کی وقعت ہے جن کا دین سے کوئی لینا دینا نہیں ، ایسی حالت میں بآسانی بجائے اس علمی فتنے کے جس کا تماشا دور حاضر میں ہم کررہے ہیں کہ تعلیم کے دو مستقل سلسلے ملک میں ایک ساتھ جاری ہیں ۔ ایک طرف جوامع و کلیات یونیورسٹیوں اور کالجوں کی تعلیم اور ان کے تعلیم یافتہ حضرات ہیں، اور دوسری طرف دینی مدارس و مکاتب اور ان کے پڑھے ہوئے علماء و فضلاء ہیں ، ہر ایک دوسرے کے علم و نقطہ نظر سے ناواقف ہے اور ان کو ناواقف بنا کر رکھا گیا ہے، لیکن اسی کے ساتھ علم کا دعویٰ دونوں کو ہے ، عوام ان کے ہاتھوں میں فٹ بال کی گیند بنے ہوئے ہیں، ایک نہ ختم ہونے والی کشمکش ہے جو جاری ہے، گویا ایک طبقہ عوام کی گردنیں پکڑ کر آگے کی طرف دھکیل رہا ہے، دوسرا ان ہی بیچاروں کا دامن پکڑ کر پیچھے کی طرف گھسیٹ رہا ہے، نتیجہ یہ ہے کہ علم کے دونوں نمائندے گھر کی اس منحوس لڑائی میں ذلیل ورسوا ہورہے ہیں، نہ ان کا اثر قائم ہوتا ہے، نہ ان کی بات چلتی ہے، مسلمانوں کو نہ دین پر عمل کرنے کا موقع ملتا ہے، نہ دنیا میں آگے بڑھنے کی توفیق میسر آتی ہے ” ( ہندوستان میں مسلمانوں کا نظام تعلیم و تربیت ، جلد اول، صفحہ 319-320)

    مولانا کے اس نظریہ اور فکر سے جو نتیجہ اخذ ہوتا ہے وہ یہ ہے کہ علوم کی تقسیم دین اور دنیا کے نام پر کرکے نوع انسانی کا بڑا نقصان کیا ہے۔  اس سے معاشرے میں اجنبیت اور غیر یقینی کی صورت حال  پیدا ہورہی ہے حالانکہ معاشرے میں یکجہتی اور ہم آہنگی پیدا کی جائے۔ علوم کی تقسیم دین اور دنیا کے نام پر نہ کرکے نافع اور غیر نافع کے نام پر کی جائے تو یقیناً اس کے نتائج معاشرے پر اچھے مرتب ہوں گے ۔ مولانا گیلانی صرف اسی بات کے قائل نہیں کہ علومِ کی تقسیم دین اور دنیا کے نام پر نہ کی جائے بلکہ ان کا لٹریچر پڑھنے کے بعد اندازہ ہوتا ہے کہ وہ ایک متحدہ نصاب  چاہتے تھے تاکہ معاشرے میں علم و فضل اور تحقیق و ریسرچ کے نام پر انتشار و افتراق کی کیفیت جنم نہ لے سکے ۔  اس تناظر میں اگر ہم موجودہ  تعلیمی اداروں کو دیکھتے ہیں تو پتہ چلتا ہے سماج میں دینی علوم اور دنیوی علوم کے نام پر ایک ایسی خلیج ہے جس کو پاٹنا آسان نہیں ہے۔  اس سے قومی ترقی اور سماجی بہبود میں لازمی طور پر رکاوٹ آتی ہے۔ اس کے مایوس کن نتائج صرف یہیں تک محدود نہیں رہتے ہیں بلکہ معاشرے میں بہت سارے فتنے اور اوہام و خرافات پیدا ہوجاتی ہیں جو انسانی حقوق اور قومی سلامتی کو بھی متاثر کرتی ہیں۔ اس لیے اب ضرورت ہے کہ قومی افتخار اور سماجی و معاشرتی اعتدال و توازن قائم کرنے اور علمی و فکری ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ان خطوط پر عمل کیا جائے جوتکثیری سماج کے لیے مفید و معاون ثابت ہوسکیں ۔

    مولانا مناظر احسن گیلانی کا امتیاز یہ بھی ہے کہ انہوں نے ہندوستانی تہذیب و تمدن اور یہاں کے مذہب و دھرم سے صرف واقفیت ہی پیدا نہیں کی بلکہ باہمی یگانگت و اتحاد ، قومی و بین الاقوامی تعلقات کو خوش گوار بنانے کے لیے  باقاعدہ ہندو دھرم اور دیگر ادیان پر بھی خامہ فرسائی کی ہے ۔ اس حوالے سے باقاعدہ اسلام اور ہندو دھرم کی بعض مشترک اقدار اور ہزار برس پہلے کے عنوان سے کتابیں لکھ کر اپنی وسعت فکر کا ثبوت بھی دیا ہے ۔ ہندو مذہب میں جن مصادر  کا کثرت سے مطالعہ کیا جاتا ہے وہ مہابھارت ہے۔  مولانا گیلانی  کی کتب کو پڑھنے سے اس بات کا بھی اندازہ ہوتا ہے کہ وہ سنسکرت ،عبرانی ، انگریزی اور دیگر زبانوں کے سیکھنے کے بھی پر زور حامی ہیں ۔ انہوں نے اپنی کتاب  ہندوستان میں مسلمانوں کا نظام تعلیم و تربیت میں اس بات کے شواہد بھی پیش کیے ہیں کہ ہمارے اکابر نے سنسکرت اور عبرانی زبانیں سیکھی ہیں ” ہندی علماء میں مجھے ایسے متعدد افراد نظر آتے  ہیں ، جنہوں نے عربی کے تعلیمی مروجہ نصاب کو ختم کرکے ہندوستان کی خاص علمی زبان سنسکرت میں بھی کمال پیدا کیا ہے ۔ مثلآ فاضل شیخ حیدری ان علماء میں ہیں جو باہر سے ہندوستان آئے ، ہندو پنڈتوں کے گروہ سے انہوں نے اہل ہند کے علوم سیکھے ، ان کی زبان سیکھی اور مدت تک انہی میں رہے اسی طرح شیخ عنایت اللہ نے بھی سنسکرت زبا ن میں مہارت حاصل کی ۔ (ہندوستان میں مسلمانوں کا نظام تعلیم و تربیت ، جلد اول صفحہ 230)

    ان تمام ثبوت و شواہد کی روشنی میں یہ بات پورے وثوق سے کہی جاسکتی ہے کہ آج ہمارے مدارس دینیہ کو بھی اس جانب توجہ دینی چاہیے کہ وہ ہندوستان میں بولی جانے والی زبان طلباء کو سکھائیں۔ مدارس کی بابت آج جو نفرتیں اور ان کے خلاف منظم سازشیں ہورہی ہیں اس کی ایک واحد وجہ یہ ہے کہ مدارسِ دینیہ کا سماج سے رشتہ استوار نہیں ہے ۔ کیونکہ  ہمارے زیادہ تر علمی و تحقیقی کارنامے عربی ، اردو ، یا پھر انگریزی میں ہیں۔ ہندی اور دیگر علاقائی زبانوں میں بہت کم دینی سرمایہ ہے، اس لیے برابر دوری بنی ہوئی ہے جس سے معاشرے میں امن و امان اور یکجہتی و ہم آہنگی کے بجائے افتراق و تشدد کی راہ ہموار ہورہی ہے جو  ہندوستان جیسے تکثیری سماج کے لیے نقصان دہ ہے ۔ تکثیری سماج میں ایک دوسرے کی تہذیب اور ثقافت سے واقفیت بہت ضروری ہے ۔

    آخر میں یہی کہنا مناسب معلوم ہوتا ہے کہ ہمیں اس جانب سوچنا ہوگا کہ جدید و قدیم کے نام پر جو خلیج اور تفریق ہے وہ نہ صرف غیر مناسب ہے بلکہ اس کے مایوس کن اثرات سماج پر مرتب ہورہے ہیں ۔ ایک طبقہ احساس کمتری میں مبتلا ہے تو وہیں دوسرا طبقہ احساس برتری میں ملوث ہے ۔ اس لیے ضروری ہے کہ معاشرے کی تعمیر و ترقی کے لیے ارتباط و روابط اور ایک دوسرے کو سمجھنے کی سبیل پیدا کی جائے۔ اسی کے ساتھ ساتھ دونوں محاذوں کو قریب لاکر ہم آہنگی کی راہ اختیار کی جائے۔

  • عیدالاضحیٰ: اتحاد، ہمدردی اور اخوت کا پیغام

    عیدالاضحیٰ: اتحاد، ہمدردی اور اخوت کا پیغام

    عیدالاضحیٰ، اسلامی تقویم کا ایک عظیم الشان تہوار ہے جسے ہر سال دس ذلحجہ کو دنیا بھر کے مسلمان  عقیدت و احترام کے ساتھ مناتے ہیں۔ یہ دن حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اس بے مثال قربانی کی یاد دلاتا ہے، جب انہوں نے اللہ کے حکم پر اپنے پیارے بیٹے، حضرت اسماعیل علیہ السلام کو قربان کرنے پر نہ صرف آمادگی ظاہر کی بلکہ اپنی دانست میں اسے کرگزرے۔ یہ واقعہ محض ایک تاریخی داستان نہیں، بلکہ اطاعت، ایثار، اور توکل کی ایسی جاوداں مثال ہے جو رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

    قربانی کا اسلامی مفہوم

    اسلام میں قربانی کوئی رسمی عمل نہیں، بلکہ ایک عظیم عبادت ہے جو روحانی تطہیر، تقویٰ اور اللہ سے قربت کا ذریعہ بنتی ہے۔ قرآنِ مجید میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

    "اللہ کو نہ ان کا گوشت پہنچتا ہے اور نہ خون، بلکہ اسے تمہاری پرہیزگاری پہنچتی ہے۔” (سورۃ الحج: 37)

    یہ آیت قربانی کے گہرے مقصد کو واضح کرتی ہے کہ اس کا اصل جوہر نیت، اخلاص اور تقویٰ ہے، نہ کہ محض ظاہری عمل۔ قربانی دل کی کیفیت، ایمان کی پختگی اور اللہ کے سامنے سر تسلیم خم کرنے کی علامت ہے۔

    قربانی کی روح

    قربانی کا پیغام صرف جانور کی قربانی تک محدود نہیں ہے۔ یہ انسان کی خواہشات، مال، وقت، اور انا کی قربانی کا درس دیتی ہے۔ حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی داستان ہمیں سکھاتی ہے کہ اللہ کی رضا کے سامنے ہر چیز ہیچ ہے۔ جب بندہ اپنی محبوب چیز کو اللہ کے لیے قربان کرنے پر آمادہ ہو جائے تو یہی اس کی عبادت کا عروج ہے۔ یہ عمل انسان کے اندر خودسپردگی، شکرگزاری اور ایثار کے جذبے کو پروان چڑھاتا ہے۔

    قربانی کا آفاقی پیغام

    اسلام کا پیغام ہمیشہ عالمگیر رہا ہے اور قربانی کا تصور بھی اسی عالمی اخوت و ہمدردی کا مظہر ہے۔ یہ عمل نہ صرف ذاتی نجات کا ذریعہ ہے، بلکہ یہ ہمیں معاشرتی ہم آہنگی، باہمی احترام اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے۔ دیگر مذاہب میں بھی قربانی کا تصور موجود ہے، لیکن اسلام اسے دل کی پاکیزگی اور نیت کے خلوص سے جوڑتا ہے، جو اسے ایک منفرد روحانی مقام عطا کرتا ہے۔

    مالی و اخلاقی ایثار

    قربانی میں مالی ایثار کا پہلو نمایاں ہے۔ قربانی کے جانور کی خریداری، اس کی نگہداشت، اور گوشت کی تقسیم—یہ سب اعمال مالی عبادت کا درجہ رکھتے ہیں۔ اس سے انسان کو یہ شعور ملتا ہے کہ اس کے پاس موجود مال و دولت اللہ کی امانت ہے، جسے مستحقین کی فلاح کے لیے استعمال کرنا اس کا فرض ہے۔

    ساتھ ہی، قربانی کا ایک گہرا اخلاقی پہلو بھی ہے۔ جب انسان اپنی انا، غرور، اور نفسانی خواہشات پر قابو پاتا ہے، تب ہی قربانی کا اصل مفہوم پورا ہوتا ہے۔ یہ عمل ہمیں خودسازی اور روحانی بلندی کی طرف لے جاتا ہے۔

    نفس، وقت، اور جذبات کی قربانی

    قربانی کا مفہوم محض جانور کے ذبح تک محدود نہیں۔ اس کا اصل تقاضا یہ ہے کہ انسان:

    – اپنی خواہشات پر قابو پائے؛

    – نفسِ امّارہ کو لگام دے؛

    – اپنے وقت کا ایک حصہ دین اور انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کردے؛

    – اپنی انا، خودپسندی، تکبر، اور حسد کو قربان کر دے۔

    یہ وہ قربانیاں ہیں جو انسان کو ایک نیک، صالح، اور متوازن شخصیت بناتی ہیں، اور اسے معاشرے کے لیے ایک مفید فرد بننے کی راہ دکھاتی ہیں۔

    عیدالاضحیٰ کا سماجی پیغام

    عیدالاضحیٰ صرف انفرادی عبادت کا نام نہیں، بلکہ ایک مکمل سماجی نظام کی تشکیل کا پیغام دیتی ہے۔ قربانی کے گوشت کی تقسیم—ایک حصہ اپنے لیے، ایک رشتہ داروں کے لیے اور ایک مستحقین کے لیے—معاشرے میں مساوات، بھائی چارہ، اور ہمدردی کو فروغ دیتی ہے۔ یہ دن ہمیں سکھاتا ہے کہ ہم اپنی ضروریات کے ساتھ ساتھ دوسروں کی فلاح کا بھی خیال رکھیں، تاکہ ایک متوازن اور پرامن معاشرہ تشکیل پا سکے۔

    موجودہ دور میں قربانی کا پیغام

    آج کے مادہ پرست اور خودغرض دور میں، جہاں انسانیت نفرت و تعصب کا شکار ہے، عیدالاضحیٰ کا پیغام پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔ ہمیں جانور کی قربانی کے ساتھ اپنی منفی عادتوں، بری خواہشات، اور خودپرستی کو بھی قربان کرنا ہوگا۔ یہی جذبہ معاشرتی نفرتوں کو ختم کرسکتا ہے اورایک ہمدرد، پرامن اور انسان دوست دنیا کی تعمیر کا باعث بن سکتا ہے۔

    نوجوان نسل اور عید

    نوجوانوں کے لیے عیدالاضحیٰ ایک موقع ہے کہ وہ اس کی اصل روح کوسمجھیں۔ سوشل میڈیا اور مادہ پرستی کے اس دور میں، جب دین سے دوری بڑھ رہی ہے، یہ تہوار انہیں اللہ سے رشتہ مضبوط کرنے، والدین و بزرگوں کا ادب و احترام کرنے اور اپنی ذمہ داریوں کو پہچاننے کی دعوت دیتا ہے۔

    خواتین کا کردار

    عید کے موقع پر خواتین کا کردار نہایت اہم ہے۔ گھر کے انتظامات، گوشت کی تقسیم اور مہمان نوازی میں ان کی محنت قربانی کے عمل کو مکمل کرتی ہے۔ ہمیں ان کے اس ایثار کو قدر کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے اور ان کی تربیت کو دین سے جوڑنا چاہیے، تاکہ وہ آئندہ نسلوں کو بھی عید کی روح سے روشناس کرائیں۔

    معاشرتی ہم آہنگی

    عیدالاضحیٰ مختلف طبقات، زبانوں اور قوموں کے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرتی ہے۔ اس دن کی اجتماعی عبادات اور سرگرمیاں امت مسلمہ میں اتحاد و یگانگت کو فروغ دیتی ہیں۔ ہمیں اس اتحاد کو صرف ایک دن تک محدود نہیں رکھنا، بلکہ اسے اپنی روزمرہ کی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔

    عیدالاضحیٰ کوئی معمولی تہوار نہیں، بلکہ ایک مکمل فکر، عبادت اور عمل کا نظام ہے۔ حضرت ابراہیمؑ کی سنت ہمیں سکھاتی ہے کہ اللہ کی رضا کے لیے ہر چیز—مال، وقت، یا خواہشات—قربان کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ عید کا اصل پیغام یہ ہے کہ ہم اپنی انا، خودغرضی، نفرت اور تعصب کو ذبح کریں۔ جب ہم اس پیغام کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں گے، تب ہی ہماری عید حقیقی معنوں میں خوشی، سکون، محبت اور اللہ کی رضا کی عید بنے گی۔

    اللہ ہم سب کو قربانی کی روح کو سمجھنے اور اپنانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!

  • گدھ

    گدھ

    زیتون کے پودے کی چھاؤں میں گڑیا سے کھیلتی میری بیٹی چلائی: بابا! بابا!
    میں بھاگ کر اس کے پاس پہنچا تو دیکھا، کھیت کی منڈیر پرایک آنکھ والا کریہہ صورت گدھ بیٹھا تھا۔ اس کے چھ پنجے تھے جو زمین میں اندر ہی اندر کسی آسیب کی طرح گھستے چلے جا رہے تھے۔
    ”میرے کھیت میں کیوں گھس آئے ہو“؟۔ میں نے اسے للکارا۔
    اس نے حقارت سے قہقہہ لگایا، تمہارا کھیت؟“
    ”ہاں میرا کھیت۔ تم دیکھ نہیں رہے کہ اس مٹی میں جتنے زیتون کے درخت ہیں اس سے زیادہ میرے قبیلے کی قبریں ہیں“۔
    گدھ بولا: ”ا ب تیرا یہاں کچھ بھی نہیں۔ گدھوں کی پنچایت نے یہ سب مجھے دے دیا ہے۔یہ کھیت، وہ صحرا، یہ اونٹنیاں، وہ کنویں، یہ باغ، وہ نخلستان، سب میرا ہے۔ تب اب ریت کے ذروں کی طرح بے توقیر ہوچکے ہیں۔ تمہارے گھروں میں صحرا کی ریت اڑے گی اور تمہاری بستیاں اجاڑ بیابان ہو جائیں گی “۔
    ”ٹھہر، اے دور کی زمینوں کے آسیب!“۔ میں تلوار سونت کر اس کی جانب بڑھا لیکن وہ بھدی سی آواز میں شور مچاتا بھاگ گیا۔
    دو موسم گزر گئے۔وہ گدھ نظر نہ آیا۔

    پھر بہار کی رت میں ایک صبح، جب میری بیٹی گلاب چن رہی تھی، اور میں گھوڑے پر زین کس رہا تھا، وہ چلائی: بابا! بابا! وہ پھر آ گیا۔
    میں نے دیکھا،وہی گدھ کھیت کی منڈیر پر بیٹھا تھا۔لیکن اب کی بار وہ اکیلا نہیں تھا، اس کے پیچھے آسمان پر کالے سیاہ گدھوں کا ایک لشکر چلا آ رہاتھا۔
    میں نے بیٹوں کو آواز دی اور گھوڑے پر سوار ہو گیا۔ کمان اور تیر میں نے بیٹی کی طرف اچھال دیے اور عربوں کی بیٹیاں تیروں کو کمان پر یوں چڑھاتی ہیں جیسے ہار پرو رہی ہوں۔اس کے چلائے تیرکتنے ہی کریہہ صورت گدھوں کے سینے سے پار ہو گئے اور وہ کھیت تک پہنچنے سے پہلے ہی مردار ہو گئے۔
    میں گھوڑے پر تلوار لیے آگے بڑھا۔ میرے گھڑسوار بیٹے بھی میرے پیچھے تھے۔ ان کے گھوڑے ہرنوں جیسے چابک دست اور شتر مرغ جیسی ٹانگوں والے تھے، وہ بھیڑیے کی طرح دوڑتے ہوئے اپنے سواروں کو لے کر کھیت کی منڈیر پر میرے ساتھ آ کھڑے ہوئے۔
    گدھوں کی تعداد بہت زیادہ تھی۔ جانے کن کن زمینوں کے گدھ تھے۔ یہ چیختے چنگھارتے چلے آ رہے تھے۔ ان کی بد صورت چونچوں سے آگ اگل رہی تھی، ان کے پروں میں آسیب تھا، یہ درختوں کے جس جھنڈ پر اترتے، وہ خشک ہو جاتا۔
    ”بھاگ جاؤ، بھاگ جاؤ“۔ گدھوں نے آواز لگائی۔
    ”اے کریہہ صورت گدھ ہم پہلے کبھی بھاگے ہیں جو اب بھاگ جائیں“؟

    پھر خون کا رن پڑا۔ میرے بیٹے اسی طرح لڑے جیسے ماؤں نے انہیں لوریوں میں لڑنا سکھایا گیا تھا۔ یہ لڑائی بہت طویل تھی۔گھڑ سواروں پر کتنے ہی سورج طلوع ہوئے اور غروب ہو گئے۔ ہماری پور پور لہو ہو گئی مگر ہم نے پیٹھ پر کوئی زخم نہ کھایا۔ نیامیں ہم نے توڑ دیں اور ہم زرہوں کے بغیر لڑے۔ہمارے زخموں نے رجز کہے۔ہاں مگر ہم کم تھے، ہم گھائل ہو گئے۔ ہم نے شکست تو نہیں مانی، ہاں مگر ہم قتل ہو گئے۔ہم نے لہو سے انہیں سیراب کیا مگر ہاں، ہمارے کھیت صحرا ہو گئے۔ میرے بیٹوں کے لاشے یوں بکھر ے جیسے آندھی میں کھجور کا پھل گر جائے۔میری بیٹی کی کمان ٹوٹ گئی، اور اس کے جسم کے ٹکڑے گلاب کے پودں میں جا اٹکے۔

    اب میں ہی بچ گیا تھا۔میرے جسم کو جگہ جگہ سے نوچا جا چکا تھا۔میں نہتا تھا، مگر میری تلوار لڑتے لڑتے ٹوٹی تھی۔میرے بازو شل ہو چکے تھے، مگر وہ تیرچلا چلا کر شل ہو ئے تھے۔ میری آنکھیں بند ہو رہی تھیں، مگر ان میں مزاحمت کے الاؤ سرد نہیں ہوئے تھے۔ کھیت کے بڑے حصے پر قبضہ ہو چکا تھا۔میں کنویں کے پاس زیتون کے ایک پودے سے ٹیک لگائے بیٹھا تھا، میرے جسم سے خون رس رس کر زیتون کی جڑوں میں جذب ہو رہا تھا۔

    گدھ میرے اوپر منڈلا رہے تھے۔ ان کی شکلیں مزید بد صورت ہو چکی تھیں۔ میں نے ایک چھڑی اٹھا لی کہ عرب جنگجو کو مزاحمت کے بغیر موت نہیں آتی۔
    ساتھ والے کھیت میرے بھائیوں کے تھے۔ میری ٹوٹتی نگاہیں ادھر اٹھ گئیں۔
    گدھ بولا: ”ادھر کیا دیکھتے ہو؟ یہ ہم گدھوں کا وقت ہے، اب کوئی ابابیل نہیں آئے گا۔یہ جوسب تیرے ہیں،یہ سب تیرے نہیں ہیں“۔
    ”اے بد صورت گدھ، وہ میرے بھائی ہیں۔وہ ضرور آئیں گے۔ وہ میرا انتقام لیں گے“۔
    اتنے میں پڑوس کے کھیتوں سے شور اٹھا، اور تلواروں کے ٹکرانے کی آواز آئی۔”دیکھ میرے بھائی آ رہے ہیں۔ ان کی تلواروں کی آواز سن“۔
    ”یہ کند تلواریں ہیں، تیری مدد کو نہیں آ سکتیں۔ ان کی بجلیاں برفاب ہو چکیں، اب ان سے صرف رقص کیا جاتا ہے“۔گد ھ ہنستے ہوئے مزید بد صورت ہو گیا۔

    میں نے گردن گھمائی، ساتھ والے کھیت میں کند تلواروں کا رقص ہو رہا تھا۔جھنکار بلندہوتی جا رہی تھی۔میں لڑکھڑا گیا، میری آنکھیں بند ہو نے لگیں۔میری سانسیں اب اکھڑ رہی تھیں۔میں نے ہمت جمع کی اور چھڑی ایک گدھ کی اکلوتی آنکھ میں پیوست کرد ی۔ باقی گدھ مجھ پر پل پڑے۔
    جاں حلق تک آگئی تھی اور وہاں ایک سوال پھنسا تھا: یہ آگ کیا صرف میرے کھیت کو جلا کر ٹھنڈی ہو جائے گی؟ یہ گدھ کیا آگے نہیں بڑھیں گے؟

     

  • ارد ونعت میں عصری حسیت

    ارد ونعت میں عصری حسیت

    نعت کی تعریف سے ہم سب واقف ہیں لیکن عصری حسیت کیا ہے اس مضمون میں سب پہلے اسے جاننے کی ضرورت ہے۔ عصری حسیت در اصل ان محسوسات اور ادراک کا اصطلاحی نام ہے جو کسی بھی عہد میں موجود کوئی بھی انسان رکھتا ہے۔ یہ محسوسات اور شعور ہر انسان کے الگ ہو سکتے ہیں اس لیے ہم کہہ سکتے ہیں کہ عصری حسیت گویا اضافی قدر ہے۔ چوں کہ عصری حسیت یا شعور ایک جیسے نہیں ہوتے اس لیے لوگوں کے سوچنے اور چیزوں کو دیکھنے کی جہتیں بھی مختلف ہو سکتی ہیں جب ہم عصری حسیت کی بات شاعری میں کرتے ہیں تو اس کا انحصار شاعر کی پسند و نا پسند تعملات اور دیگر محرکات سے بھی ہوتا ہے اس لیے نادید شدہ عصر کی درست اور غیر جانبدار تفہیم کے لیے ضروری ہے کہ ہم ان عوامل پر بھی نظر رکھیں جو شاعر کو متاثر کرتے ہیں اور اس کا اثر اس کے کلام میں بھی دیکھنے کو ملاتا ہے۔

    اس طرح ہم عصری حسیت کو دو بنیادی جہات میں تقسیم کر سکتے ہیں ایک وہ حسیت جو ذاتی و شخصی ہو اور دوسری وہ حسیت جس کا تعلق مجموعی طور پر اس عصر کے سماجی، تہذیبی، سیاسی و ثقافتی حالات سے ہو۔

    زبان و ادب میں عصری حسیت پر غور کریں تو ہمیں معلوم ہوگا کہ کوئی بھی قلم کار اپنے آس پاس کے ماحول سے متاثر ہوئے بغیر یا نیرنگ زمانہ سے راہ فرار اختیار کر کے کلام نہیں کہہ سکتا اسی لیے یہ کہنا درست ہے کہ شاعری میں شاعر کے داخلی احساسات خارجی ماحول کی مرہون منت ہوتے ہیں، چناں چہ یہی وجہ ہے کہ اس سے فکر و تخیل میں عصری شعور کی کار فرمائی ہوتی ہے گویا اس کے دماغ میں نفس مضمون کے ساتھ عصری پس منظر بھی چلتا رہتا ہے اس طرح نعتیہ کلام میں بھی وہ اپنی تمام عقیدتوں کے اظہار کے ساتھ اس پر جو بیت رہی ہوتی ہے اس کا بھی ذکر شعوری یا غیر شعوری طور پر کرتا ہے۔

    نعت کے ساتھ یہ عمل بھی خاص رہا ہے کہ ایک طویل عرصے تک شعرا نے اس میدان میں محض عقیدت کے اظہار اور حصول ثواب کی نیت تک ہی خود کو محدود رکھا، حالاں کہ یہ چیز نعت کے ابتدائی نمونوں میں بھی شامل رہی ہے۔ جنگ آزادی کے بعد ہمارے جتنے بڑے شعرا نے نعتیں کہیں وہ سب عصری حسیت سے معمور نظر آتی ہیں چناں چہ ۱۸۵۷ میں جنگ آزادی کی ناکامی کے بعد حالی نے اپنی مسدس میں جو نعت کہی ہے اس سے ان کی عصری حسیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے حالی کا کرب پورے ملک وملت کا کرب تھا۔ حالی کا یہ شعر ملاحظہ ہو:

    اے خاصہ خاصان رسل وقت دعا ہے

    امت پہ تری آ کے عجب وقت پڑا ہے

    تاریخ اور تفصیل سے بچتے ہوئے یہ عرض کروں کہ بڑی شاعری کی نمایاں خصوصیت اس کی آفاقیت ہے ، وہ زمان و مکان، رنگ ونسل، قوم، زبان اور تمام تر سرحدوں کو توڑ دیتی ہے، چناں چہ ہزار سال پہلے کا بڑا شعر بھی محسوس ہوتا ہے کہ آج کا شعر ہے اس میں آج کا کرب اور آج کا آشوب جذب ہو گیا ہے۔ اس مقالے میں عصری حسیت سے میرا مقصود یہ ہے کہ بیسویں صدی کے آخری دور اور اکیسویں صدی میں جو نئے مسائل سامنے آئے ہیں نعتیہ شاعری میں اس کو کس طرح سے موضوع بنایا گیا ہے۔

    آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات گرامی ہر دور میں دنیا کے ہر شخص کے لیے اسوہ ہے اور قیامت تک رہے گی۔ جب نعت گو آپ کی محبت سے سرشار ہو کر کلام کہتا ہے تو قیامت تک ترو تازہ رہنے والی شخصیت اور اس کا پیغام یا ان پر کی جانے والی گفتگو بھلا عصری حسیت سے عاری کیوں کر ہوسکتی ہے؟

    نعتیہ ادب میں نعت گو شعرا نے جہاں اپنے داخلی جذبات کے تعو کے تعلق سے آرزو، استغاثہ ، اظہار عشق و محبت یا قلبی واردات، مدینہ سے جغرافیائی دوری جیسے موضوعات کو شامل کیا ہے وہیں اللہ کے رسول صلى الم کی سیرت و شمائل کے حوالے سے آپ کی مکمل زندگی اور آپ کی زندگی کے متعلقات کو بھی شامل کیا ہے۔

    نعتیہ ادب میں شاعر کی حساسیت کا تقاضہ ہے کہ وہ سنجیدگی، متانت، لہجے اور لفظیات کے انتخاب و تعین میں ذہانت اور باریک بینی سے کام لے۔ چناں چہ ہمیں یہ تمام چیزیں بہت سارے شعرا کے کلام میں نمایاں طور پر نظر آتی ہیں۔

    نعتیہ شاعری کا تعلق شاعری برائے زندگی سے ہے اس لیے اسے مقصدیت سے بھر پور شاعری کہا جاتا ہے چناں چہ شعر ارحمت اللعالمین سے عقیدت کا اظہار مختلف پیرائے میں کرتے ہیں اور اس درد کا بھی شدت سے اظہار کرتے ہیں جو وہ اپنے اطراف میں محسوس کرتے ہیں۔ چناں چہ نعیم صدیقی کا یہ شعر ملاحظہ فرمائیں جس میں وہ رسول اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کو یاد کرتے ہوئے اپنے دل کی بے چینی کو بیان کرتے ہیں۔ شاعر کہتا ہے:

    اے میرے نبی صدق و صفا جب دل پر شب غم چھاتی ہے

    اور دل کے شب غم میں کوئی جب برق بلا لہراتی ہے

    اور برق بلا جب بن کے گھٹا باران شرر برساتی ہے

    ایسے میں تڑپ اٹھتا ہے یہ دل ایسے میں تیری یادآتی ہے

    بن باپ کے عاجز بچے جب افلاس کے گھر گھر میں پلتے ہیں

    اور ان کے افسردہ چہرے جب پیٹ کی آگ میں ک جلتے ہیں

    کچھ جھوٹی امیدوں سے ان کو جب بیوہ ماں بہلاتی ہے

    ایسے میں تڑپ اٹھتا ہے یہ دل ایسے میں تیری یاد آتی ہے

    جب تخت بچھاتے ہیں اپنا نمرود نئے شداد نئے

    شمشیریں جب لہراتے ہیں مقتل میں کھڑے جلادنئے

    نازک سے ضمیر انساں پر سل جبر کی جب لد جاتی ہے

    ایسے میں تڑپ اٹھتا ہے یہ دل ایسے میں تیری یاد آتی ہے

    اس نعتیہ کلام کو پڑھنے کے بعد محسوس ہوتا ہے کہ شاعر نے اپنے آس پاس کے حالات کو کس قدر شدت سے محسوس کیا ہے وہ یہ سمجھتا ہے کہ موجودہ حالات میں جہاں بیشتر عوام غربت اور پریشانی سے دوچار ہیں، جہاں یتیم بچے بھوک سے بلکتے ہیں، جہاں افلاس اور بھوک سے تقریب بارہ فیصد سے زائد بچے بے چینی اور مایوسی میں زندگی گزارتے ہوئے کیڑے مکوڑوں کی طرح مرجاتے ہیں، ایسے ہی یاس و قنوطیت کے ماحول میں شاعر یتیموں کے والی، غلاموں کے مولا، بیواؤں کے معاون اور مظلوموں کے محافظ کو شدت کے ساتھ یاد کرتا ہے اور کہتا ہے کہ اے اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم ہمیں آپ کی بہت سخت ضرورت ہے۔ آپ ہی ان دکھوں کا مداوا ہیں۔ شاعر نے حالات کی سینی کو بتانے کے لیے لفظ برق، گھٹا اور بار ان کا استعمال کیا ہے عموما یہ الفاظ انسانی زندگی کو فائدہ پہنچانے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ مگر اس کی حسیت کا یہ انوکھا انداز ہے کہ اس نے ان تینوں لفظوں میں ایک لفظ کے اضافے کے بعد مفہوم کو بالکل الٹ دیا ہے اور شعر میں حسن کے ساتھ ساتھ حالات کی سنگینی کو بتانے کا مقصد بھی پورا ہو گیا ہے۔ اسی طرح شاعر حفیظ میرٹھی کی یہ پکار :

    کہاں ملے گا زمانے کو اب قرار حضور

    ہوس کے ہاتھ میں آیا ہے اقتدار حضور

    اور انھی کے ایک دوسرے نعتیہ کلام کا مصرعہ ہے کہ :

    راہ کی ان کو خبر ہے نہ شعور منزل

    قابل رحم ہیں اس دورکے رہبر آقا

    ملک کا موجودہ نظام، اہل سیاست کے درمیان اقتدار کے حصول کی ہوس، دولت کی ہوس، نفسانی خواہشات کے تکمیل کی ہوس کو حفیظ میرٹھی نے نعت رسول مقبول میں جس طرح سے پر ویا ہے گویا عصر حاضر کے نظام پر ان کا تلخ طنز ہے اور حضور پاک سے شکایت اظہار محبت کا بھر پور انداز بھی۔

    آج پوری دنیا امن و مساوات اور خواتین کے حقوق کی باتیں کرتی ہے، خود کو امن کا پیامبرسمجھتی ہے اور امن کے قیام کے لیے دوسروں کے امن کو قتل خوں ریزی سے غارت کرتی ہے۔ آج دنیا کو یہ معلوم ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بہت قلیل مدت میں پوری دنیا کو مساوات کا پیغام دیا اور آپس میں لڑنے والوں کو ایک دوسرے کا محسن و غم خوار بنادیا تھا عرب جس میں ایک زمانے تک نسلی برتری کا بول بالا تھا آپ کی مقدس شخصیت نے ان کے اندر سے کبر اور نخوت کو ختم کیا لیکن ان تمام کے باوجود دنیا نے اس سے آنکھیں بند کر لی ہیں آج بھی دنیا کا وہی حال ہے۔ ان کے اسی احوال کے تعلق سے ابو المجاہد زاہد نے اپنی حسیت کا اظہار کچھ اس طرح سے کیا ہے:

    سبق مساوات کا پڑھا کر غرور نسل وطن مٹا کر

    بدل دیے زندگی کے تیور درود تم پر سلام تم پر

    یوں تو شعرا نے ہر دور میں حقوق اور مساوات اور بالخصوص خواتین کے مسائل کا ذکر کیا ہے اور غزلوں اور دوسری اصناف شاعری میں اس طرح کی چیزوں کا ذکر خاص طور سے ملتا ہے مگر نعت میں سماج کے اس تلخ حقیقت کو کس طرح دیکھا ہے ماہر القادری علیہ الرحمہ کی ایک نعت میں اس کی چند جھلکیاں ہمیں دیکھنے کو ملیں گی:

    عورت کو حیا کی چادر دی غیرت کا غازہ بھی بخشا

    شیشوں میں نزاکت پیدا کی کردار کے جو ہر چمکائے

    اسی مضمون کو ابو المجاہد زاہد نے اپنی ایک نعت میں کچھ یوں بیان کیا ہے:

    ذلیل تھی چار سمت عورت اسے عطا کی زہے عنایت

    نقاب، عفت، حیا کی چادر درود تم پر سلام تم پر

    اسی مضمون کو سرفراز بزمی نے اپنے کلام میں کچھ اس طرح سے باندھا ہے:

    ابو قبیس پر مدفون بیٹیوں کی قسم

    حصورؐ آپ کی آمد نشان رحمت ہے

    (جبل ابو قبیس صفاکی جانب واقع ایک پہاڑی جہاں سے سعی کی ابتدا ہوتی ہے جس کا نام قبیلہ مذحج  کے ایک شخص کی کنیت کے نام پر ابو قبیس پڑا) اس وقت پوری دنیا میں سب سے زیادہ موضوع بحث آپ کا لایا ہوا دین ہے اس وقت مظالم کے شکار بھی سب سے زیادہ اس دین کے ماننے والے ہیں اس کی وجہ صرف یہ ہے کہ وہ آپ پر ایمان لائے ہیں آپ سے محبت کی ہے آپ کے دین کو اپنایا ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی مسکراہٹ پر جان دینے کو تیار ہیں یہاں مسکراہٹ کا ذکر ہم نے اس وجہ سے کیا کہ آپ ﷺ کی مسکراہٹ بھی ایک معجزہ تھی، آپ جب تبسم فرماتے تھے تو ہر طرف خوشیاں اور امن کی بارش ہونے لگتی تھی اور ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے زمین پر رحمت برسنے لگی ہو۔ شاعر بیکل اتساہی نے اسی مسکراہٹ کا انتظار ہے وہ کہتے ہیں:

    لٹ رہا ہے چمن جھومتی ہے خزاں

    دین ملت کے لٹنے لگے کارواں

    ہر طرف کفر و ظلمت کا چھایا دھواں

    ہر نظر تیرگی ہر قدم آندھیاں

    آفتاب ازل کی ہو پہلی کرن

    مسکرا دو تو عالم بدل جائے گا

    عہد حاضر کا ایک تر و تازہ شاعر جب حالات حاضرہ کا مشاہدہ کرتا ہے تو اسے اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی بے ساختہ یاد آتی ہے وہ ان سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے ان تمام حالات کا شاکی ہوتا ہے اور ظالم اہل اقتدار کے سامنے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کو بطور اسوہ پیش بھی کرتا ہے تا کہ سماج بدلے، حکمران عبرت حاصل کریں، کلام ملاحظہ فرمائیں:

    تمام فرعونیت کے قلعوں کی اور فصیلوں کی اصل بنیاد ابنِ آدم کے خون اور ہڈیوں سے تعمیر کی گئی ہے

    مگر حضور آپ کی حکومت تمام شاہوں سے مختلف ہے

    کہ آپ کے پاس ایک چادر ہے، ایک تہہ بند ، اک عمامہ

    کھجور کی چھال اور پتوں کا ایک بستر

    سوائے زمانے کے بادشا ہو!

    لو! تم بھی دیکھو یہ شاہ کونین کا اثاثہ

    سنواے تانیثیت کے نعرے لگانے والو!

    رسولِ انسانیت نے مظلوم عورتوں کو حیات بخشی

    رسوم وحشت کے خونی پنجوں سے ان کو راہ نجات بخشی

    تمام عزت، وقار کی کائنات بخشی

    حضور! کیا ہے بساط میری کہ نعت لکھوں

    مگر میں دنیا کے ہٹلروں کی سماعتوں کو جگا رہا ہوں

    تمام دہشت پسند لوگوں کو آج میں یہ سنا رہا ہوں

    تمام انسانیت کے قاتل گروہوں کو یہ بتارہا ہوں

    رسول رحمت کی زندگی کا یہ باب روشن دکھا رہا ہوں

    میں آج طائف، حدیبیہ اور فتح مکہ کی یاد ان کو دلا رہا ہوں

    حضور! میری بساط کیا ہے کہ نعت لکھوں

    مگر مری ایک آرزو ہے کہ اپنے خونِ جگر سے اوراق زندگی پر بس آپ ہی کی صفات لکھوں

    مذکورہ نعت ڈاکٹر خالد مبشر کی ہے۔ شاعر نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو موجودہ دور کے لوگوں کے سامنے جس انداز میں رکھا ہے، یہ شاعر کی نبی سے محبت ، جذباتی لگاؤ اور عصری حسیت، شعور اور آگہی کی عمدہ مثال ہے۔

    آج کے قومی و ملی مسائل و واقعات سے مماثل اپنے دور کے احوال کو نعیم صدیقی مرحوم نے اپنی ایک نعت میں کچھ اس طرح بیان کیا ہے جس میں زمانی بعد کے باعث آفاقیت کا عنصر شامل ہے ملاحظہ کیجیے یہ شعر:

    کتنی آج گراں ہو گئی حیات امت

    ارزاں بہت ہی خون مسلماں ہے اے حضور!

    لاشے تڑپ رہے ہیں سردار و زیر تیغ

    کیا پرفتن یہ حشر کا ساماں ہے اے حضور !

    اوراسی مضمون کو کلیم عاجز نے کچھ یوں باندھا ہے وہ باد صبا سے مخاطب ہیں، نعت ملاحظہ فرمائیں:

    ادب سے پہلے سلام ان کو اے صبا کہیو

    پھر اس کے بعد غریبوں کا ماجرا کہیو

    کمی نہ کیجیو کچھ اس میں اپنی جانب سے

    گزر رہی ہے جو ہم پر ذرا ذرا کہیو

    نہ غم گسار نہ ہم دم کوئی رہا کہیو

    بس ان کے نام کا باقی ہے آسرا کہیو

    برائے نام ہی نسبت جو ان سے رکھتے ہیں

    اس ایک جرم کی کیا کیا ملی سزا کہیو

    دو ایک حادثہ ہوتا تو صبر کر لیتے

    بندھا ہوا ہے مصائب کا سلسلہ کہیو

    ایک اور نعت میں مزید کہتے ہیں:

    کہیو کہ دلوں پر چھائی ہوئی ہر سمت شکستہ حالی ہے

    دن بھی ہے بڑا سونا سونا اور رات بھی کالی کالی ہے

    کہیو کہ ستم نے تیروں کی بوچھار ہمیں پر ڈالی ہے

    ہر شام نیا ہنگامہ ہے ہر صبح نئی پا مالی ہے

    ایک ایک لفظ حقیقت کو چیخ چیخ کر بیان کر رہا ہے۔

    اس وقت مسئلہ فلسطین دنیا کے سب سے سنگین اور کربناک مسائل میں سے ایک ہے اور گزشتہ پانچ دہائیوں سے یہ مسئلہ ملت کے لئے ایک فتنہ بنا ہوا ہے قبلہ اول پر یہودیوں کا قبضے نے پوری دنیا کے شعرا اور ادیبوں کو بے چین کیا ہے چنانچہ ہماری نعتیہ شاعری بھی اس سے خالی کیسے رہ سکتی ہے، یہی وجہ ہے کہ احمد ندیم قاسمی نے اپنا مدعا کچھ اس طرح بیان کیا ہے۔

    اب بھی ظلمات فروشوں کو گلہ ہے تجھ سے

    رات باقی تھی کہ سورج نکل آیا تیرا

    ایک بار اور بھی بطحا سے فلسطین میں آ

    راستہ دیکھتی ہے مسجد اقصیٰ تیرا

    اس طرح فلسطین میں اسرائیل نے نو جوانان بنی ہاشم پر جو ظلم کی تلوار میں چلائی تھیں اسے کلیم عاجز نے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو مخاطب کرتے ہوئے شکایت کی اور اپنے دل کا درد بیان کیا ان حالات کو ایک دردمند معاشرہ محسوس کر سکتا ہے۔

    زخم کھائے ہوئے سر تا بہ قدم آئے ہیں

    ہانپتے کانپتے اے شاہ امم آئے ہیں

    کشمیر کے حالات کے پس منظر میں یہ اشعار ملاحظہ ہوں:

    ہمالے کی آنکھوں کے کاجل سے پوچھو

    وہ کشمیر کے آج سے کل سے پوچھو

    کبھی بل سے پوچھو کبھی ڈل سے پوچھو

    وہ دوشیزہ بہنوں کے آنچل سے پوچھو

    زمیں بن گئی کربلا کملی والے

    زمانے کی بدلی ہوا کملی والے

    ملک میں بلڈوزر کلچر آج کل عام ہے یہ بلڈوزر کلچر کن پر ظلم کرتا ہے ہر ذی شعور اور عدل پسند کو معلوم ہے کلیم عاجز نے اپنی بصیرت کا استعمال کرتے ہوئے اس کا اظہار کچھ اس طرح سے کیا ہے یہاں شاعر کی حساسیت ہے اور اس کی دور اندیشی کو ملاحظہ کیا جا سکتا ہے:

    اے باد صبا کہیو ان سے وہ جن کی کملیا کالی ہے

    اب تو ان کے غلاموں کے گھر کی دیوار الٹنے والی ہے

    مدارس، اوقاف، مکاتب اور خود ملت کے اتحاد پر جس طرح کے ڈورے ڈالے گئے ہیں اور جس میں ملت کےکچھ خود نام نہاد لوگ بھی شامل ہیں انھیں کے لیے اعجاز رحمانی نے اپنی ایک نعت میں کہا تھا:

    دین سے اس کو مطلب کیا ہے شاہ امم سے نسبت کیا

    وہ انساں جو انسانوں سے نفرت کا اظہار کرے

    ملک میں ناموس رسالت پر جس طرح سے حملے ہو رہے ہیں اور جس تکلیف سے امت گزر رہی ہے اس کا اظہار شاعر اپنی نعتیہ شاعری میں کرتا ہے:

    ان کی ناموس پر قربان اگر آنچ آئے

    سر اتر جائے میرا خاک پہ دستار ملے

    اس طرح بھی محسوس کرتے ہیں کہ آج کے دور میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات گرامی پوری انسانیت کے لیے اور آپ کا لایا ہوا پیغام پورے عالم کے لیے کتنا اہم ہے اور پوری دنیا کو آپ کی کس قدر ضرورت ہے:

    آج کی الجھنوں میں پھنسی زندگی

    پوچھتی پھر رہی ہے پتہ آپ کا

    (حفیظ میر ٹھی)

    دنیا کے بڑے بڑے نظام جنہوں نے آپ کی لائی ہوئی شریعت کا، سنت کا، طریقت کا مذاق اڑایا وہ سب کے سب ڈھیر ہو گئے او آپ کا لایا ہوا دین باقی ہے پھل پھول رہا ہے اور تا قیامت باقی رہے گا۔

    دیکھ لو منہ کے بل گر پڑا وہ نظام

    جو اڑاتا رہا مضحکہ آپ کا

    (حفیظ میر ٹھی)

    آپ  دیکھیں کہ عصری شعور اور عصری حسیت صرف مضمون کی سطح پر ہی نعت میں موجود نہیں ہے بلکہ تخلیقی سطح پر بھی اس کی حساسیت کو محسوس کیا جا سکتا ہے عصری شعور کو تخلیقی سطح پر بھی شعری متن کی مختلف ہیئتی شکلوں میں پیش  کیا گیا ہے۔ چناں چہ نعتیہ غزلیں، نعتیہ نظمیں، نعتیہ مسدس، نعتیہ مثنویاں، نعتیہ قطعات نعتیہ نظم معریٰ، نعتیہ آزاد نظم ، نعتیہ ہائی کو ، نعتیہ ماہیے ، الغرض  شاعری کی مختلف  ہیتوں میں شاعری کی نمونے اس وقت موجود ہیں۔ اور یہ تمام طرح کی نعتیہ شاعری اس بات کا بین ثبوت ہے کہ نعتیہ شاعری فکری وفنی سطح پر بھی عصری شعور کا واضح انعکاس موجود ہیں۔

     

     

     

     

  • دہلی میں بی جے پی کی حکومت

    دہلی میں بی جے پی کی حکومت

    بی جے پی یہ دعویٰ کرنے میں پیچھے نہیں رہتی کہ وہ سب کی حکومت یعنی سب کا ساتھ سب کا وکاس والی حکومت ہے۔اس کی حکومت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو بھی وہی مراعات حاصل ہوتی ہیں جو دوسروں کو ملتی ہیں۔ اصولی طور پر تو یہ بات درست ہے کہ حکومت کی اسکیموں میں نہ تو مسلمانوں کا نام ہوتا ہے اور نہ ہی غیر مسلموں کا۔ یہ بھی درست ہے کہ ان اسکیموں سے مسلمان بھی کسی حد تک فائدہ اٹھاتے ہیں۔ لیکن اگر بی جے پی حکومت میں مسلمانوں کی نمائندگی اور اقلیتی امور بالخصوص مسلم اداروں کی صورت حال کا جائزہ لیا جائے تو انتہائی مایوسی ہوتی ہے اور حکومت کا دعویٰ کھوکھلا نظر آتا ہے۔ بی جے پی انتخابات میں مسلمانوں کو اپنا امیدوار نہیں بناتی۔ اٹل بہاری واجپئی کے زمانے میںایسے ایک دو مسلمانوں کو ٹکٹ دے دیا جاتا تھا جنھوں نے اپنی پوری زندگی بی جے پی میں کھپا دی ہو۔ وہ راجیہ سبھا میں بھی کسی نہ کسی کو بھیجتی رہی ہے۔ لیکن نریندر مودی کی حکومت میں یہ پالیسی یکسر بدل گئی اور اب کسی مسلمان کو ٹکٹ نہیں دیا جاتا۔ اگر کسی کو دیا بھی جاتا ہے تو ایسی جگہ سے جہاں سے وہ کامیاب نہ ہو سکے۔ مثال کے طور پر لوک سبھا انتخابات میں اس نے کیرالہ کے ملاپورم سے اپنے ایک پرانے وفادار عبد السلام کو ٹکٹ دیا تھا جن کی شکست یقینی تھی اور وہ ہار بھی گئے۔ اسی طرح مودی حکومت میں اس وقت تک مختار عباس نقوی کو وزیر بنائے رکھا گیا جب تک کہ ان کی راجیہ سبھا کی مدت تھی۔ مدت ختم ہوتے ہی ان کی وزارت بھی چلی گئی۔ ان کے بارے میں کئی قسم کی افواہیں تھیں کہ ان کو یہ مل جائے گا، وہ مل جائے گا لیکن وہ صرف افواہیں ثابت ہوئیں۔ وہ اب اپنے گھر بیٹھے ہیں۔ اسی طرح دہلی میں بی جے پی کی حکومت میں مسلمانوں کی کوئی نمائندگی نہیں ہوتی تھی۔ مدن لال کھورانہ کی کابینہ رہی ہو یا صاحب سنگھ ورما کی ایک بھی مسلمان کو وزیر نہیں بنایا گیا تھا۔ جبکہ کانگریس کی حکومت میں جو کہ شیلا دیکشت کی قیادت میں پندرہ سال چلی پہلے پرویز ہاشمی وزیر رہے اور بعد میں ہارون یوسف۔ عام آدمی پارٹی کی حکومت جب دو ماہ کے لیے 2013-2014 میں بنی تھی تو اس میں ایک بھی مسلم وزیر نہیں تھا۔ البتہ جب 2015 اور 2020 میں اس کی حکومت بنی تو عمران حسین کو مسلم کوٹے سے وزیر بنایا گیا۔ لیکن اب جبکہ دہلی میں بی جے پی کی حکومت قائم ہو گئی اور ریکھا گپتا وزیر اعلیٰ بن گئی ہیں تو اس میں بھی کوئی مسلم وزیر نہیں ہے۔ کوئی ہو بھی نہیں سکتا تھا کیونکہ بی جے پی نے کسی مسلمان کو ٹکٹ ہی نہیں دیا تو پھر کوئی مسلمان جیت کر کیسے آتا۔

    اس طویل تمہید کا مقصد یہ بتانا ہے کہ مسلمانوں کے بارے میں بی جے پی کی سوچ کیا ہے اور اس کی پالیسی کیسی ہے۔ حالانکہ بی جے پی کے لیڈران یہ دعویٰ کرتے نہیں تھکتے کہ مسلمان بھی ان کی پارٹی کو ووٹ دیتے ہیں۔ خاص طور پر طلاق ثلاثہ کو غیر قانونی قرار دیے جانے کے بعد مسلم خواتین کا رجحان بی جے پی کی جانب بڑھا ہے۔ ویسے گزشتہ پارلیمانی انتخابات میں اعداد و شمار کے مطابق آٹھ فیصد مسلمانوں نے بی جے پی ووٹ دیا تھا۔لیکن اس کے باوجود مسلمانوں کی فلاح و بہبود کا معاملہ ہو یا مسلم اداروں کا بی جے پی حکومتوں کا رویہ معاندانہ رہا ہے۔ ابھی حال ہی میں راجستھان کے تعلیمی اداروںمیں سہ لسانی فارمولے کے تحت اردو کی جگہ پر سنسکرت پڑھانے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ حالانکہ اردو مسلمانوں کی زبان نہیں ہے لیکن اسے مشرف بہ اسلام کرنے کی پوری پوری کوشش کی جا رہی ہے اور یہ بتانے اور جتانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جا رہی ہے کہ اردو مسلمانوں کی زبان ہے۔ اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اردو کے سلسلے میں جس مذہبی و لسانی عصبیت کا  مظاہرہ کیا ہے وہ اس کی تازہ مثال ہے۔

    اب جبکہ دہلی میں بی جے پی حکومت قائم ہو گئی ہے مسلمانوں سے متعلق اداروں جیسے کہ وقف بورڈ، اردو اکادمی، اقلیتی کمیشن اور حج کمیٹی کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ حالانکہ کیجری وال حکومت میں ہی ان اداروں کو غیر فعال کر دیا یا عضو معطل بنا کر رکھ دیا گیا تھا اور اب تو ان کو مزید بیکار کر دیا جائے گا۔ وقف بورڈ کے تنازعات کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔ اس کے سی ای او نے عدالت میں ایساموقف اختیار کیا کہ وقف کی املاک کو شدید نقصان پہنچا۔ کیجری وال حکومت نے وقف کے پیسے سے ائمہ حضرات کو تنخواہ دینے کا اعلان کیا تھا جس پر کچھ دنوں تک عمل کیا جاتا رہا لیکن 19 ماہ سے ان کو تنخواہیں نہیں دی گئی ہیں۔ جبکہ حکومت کو اپنے خزانے سے نہیں بلکہ وقف بورڈ کے پیسے سے تنخواہ دینی تھی۔ اردو اکادمی کا جہاں تک معاملہ ہے تو اسے بھی بڑی حد تک غیر فعال بنا دیا گیا۔ اکادمی میں بیس سے زائد اسامیاں خالی ہیں لیکن ان کو پُر نہیں کیا گیا۔ جب بھی اکادمی کی طرف سے اس سلسلے میںکوشش کی گئی تو یہ دلیل دی جاتی رہی کہ اگر اتنے لوگوں کی بھرتی ہوگی تو بی جے پی شور مچائے گی کہ کیجری وال حکومت مسلمانوں کا تشٹی کرن کر رہی ہے۔ صرف اتنا ہی نہیں بلکہ کیجری وال نے اپنی پارٹی کے ایک ایسے شخص کو اکادمی کا وائس چیئرمین بنا دیا تھا جواردو جانتا ہی نہیں تھا۔ اب اسمبلی انتخابات سے قبل اس کا بجٹ ریلیز کیا گیا جس کی وجہ سے اس مالی سال میں اکادمی کی جانب سے کچھ کام کیے گئے۔ اکادمی میں اس وقت جو بچے کھچے کارکن ہیں وہ پوری لگن سے کام کر رہے ہیں اور اس کو زندہ اور متحرک رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن یہ کب تک ہوگا کہا نہیں جا سکتا۔ اقلیتی کمیشن کا معاملہ یہ ہے کہ پہلے دور میں عام آدمی پارٹی کی حکومت نے اس سلسلے میں سنجیدگی دکھائی تھی اور سینئر صحافی، دانشور اور ملی گزٹ کے ایڈیٹر ڈاکٹر ظفر السلام خاں کو کمیشن کا چیئرمین بنایا تھا۔ انھوں نے اپنی مدت میں اتنا کام کیا کہ کمیشن کا نام ہو گیا۔ لیکن ان کو دوبارہ نہ بنانا پڑے اس لیے ان کے خلاف الزامات عاید کیے گئے اوربالآخر انھیں دوبارہ یہ موقع نہیں دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے اپنی پارٹی کے ایک شخص کو کمیشن کا چیئرمین بنادیا جس نے کمیشن کو ٹھپ کرکے رکھ دیا۔جہاں تک حج کمیٹی کا معاملہ ہے تو مرکزی حج کمیٹی کے چیئرمین اے پی عبد ل کٹی کو بنایا گیا ہے۔ جہاں تک دہلی حج کمیٹی کا معاملہ ہے تووہ دہلی حکومت کے تحت آتی ہے لیکن بی جے پی یا حکومت نے جوڑ توڑ کرکے اپنی ایک کارکن کوثر جہاں کو چیئر مین بنا رکھا ہے۔

    اب سوال یہ ہے کہ دہلی میں بی جے پی کی حکومت میں ان اداروں کا مستقبل کیا ہوگا۔ اس کو جانچنے کے لیے مرکزی حکومت کے تحت آنے والے ان اداروں کا جائزہ لینا ہوگا جن کا تعلق اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں سے ہے۔ چونکہ مسلمان اس ملک میں سب سے بڑی اقلیت ہیں لہٰذا کانگریس کی حکومتوں میں قومی اقلیتی کمیشن کا چیئرمین کسی مسلمان کو بنایا جاتا رہا ہے۔ لیکن بی جے پی حکومت نے کسی مسلمان کو اس لائق نہیں سمجھا کہ اسے چیئرمین بنائے۔ مزید برآں یہ کہ مسلمانوں کے خلاف کتنے جرائم ہوتے ہیں یہ بتانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ماب لنچنگ ہو یا ہیٹ اسپیچ یا اسی طرح کے دیگر معاملات۔ قومی اقلیتی کمیشن نے کسی بھی معاملے میں کوئی موثر کارروائی نہیں کی۔ اگر مسلمانوں کی جانب سے اس کے سامنے معاملات رکھے جاتے تو لیپا پوتی کر دی جاتی ہے۔ اقلیتوں کی اعلیٰ تعلیم کے لیے مولانا آزاد فاونڈیشن کے تحت وظیفے دیے جاتے ہیں جن سے صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ دیگر اقلیتیںبھی فائدہ اٹھاتی ہیں۔ لیکن اس کا بجٹ اتنا کم کر دیا گیا ہے کہ اب اقلیتیں پہلے کی طرح فائدہ نہیں اٹھا پاتیں۔ اسی طرح اقلیتوں سے متعلق دیگر اسکیموں کا حال ہے۔ انھیں یا تو بند کر دیا گیا ہے یا پھر ان کا بجٹ کم کر دیا گیا ہے۔

    حج سال میں ایک بار ہوتا ہے اور ہندوستان سے پونے دو لاکھ مسلمان ہر سال حج پر جاتے ہیں۔ پہلے حج کمیٹی کو وزارت خارجہ کے تحت رکھا گیا تھا لیکن مودی حکومت نے اسے اقلیتی امور کی وزارت کے تحت کر دیا۔ جس کی وجہ سے بہت سی دشواریاں پیدا ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ بہت سی مراعات بھی چھی لی گئیں اور کرایہ اور دیگر اخراجات بڑھا دیے گئے۔ سمجھا جاتا ہے کہ چونکہ یہ معاملہ بین الاقوامی حیثیت رکھتا ہے اس لیے اس میں کوئی زیادہ تبدیلی نہیں ہو پا رہی ہے۔ کیونکہ اگر حکومت نے حج کے معاملات میں زیادہ گڑبڑ کی تو اس پر عالمی سطح پر یا کم از کم عالم اسلام کی سطح پر آوازیں اٹھیں گی۔ ورنہ اگر یہ معاملہ صرف اندرون ملک تک محدود ہوتا تو اب تک پتہ نہیں کیا کر دیا گیا ہوتا۔ مسلمانوں سے متعلق ایک اور بڑا ادارہ ہے جس کا نام ہے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان۔ ہم ایک بار پھر یہ عرض کریں گے کہ اردومسلمانوں کی زبان نہیں ہے لیکن بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگ اسے مسلمانوں کی زبان سمجھتے ہیں۔ یہاں تک کہ اگر کسی معروف کمپنی کے اشتہار میں کوئی اردو لفظ آجائے تو اس پر آسمان سر پر اٹھا لیا جاتا ہے۔ اس صورت حال میں قومی کونسل برائے اردو زبان کا جو حشر کیا جا رہا ہے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ ایک عرصہ ہو گیا اس کی ایکزیکٹو کمیٹی ہی تشکیل نہیں دی جا رہی ہے جس کی وجہ سے فروغ اردو کے بہت سے کام نہیں ہو پا رہے ہیں۔

    مرکزی حکومت کی اس کارکردگی کے علاوہ بی جے پی اقتدار والی ریاستوں میں بھی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں سے متعلق اداروں کا کیا حشر ہو رہا ہے بتانے کی ضرورت نہیں ہے۔ اوپر راجستھان کی مثال دی جا چکی ہے۔ آسام اور اترپردیش میں مدارس کے خلاف سرکاری مہم جاری ہے۔ آسام میں سیکڑوں مدارس کو اسکولوں میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ یوپی میں مدارس کو بدنام کرنے کے لیے باربار ان کی جانچ ہو رہی ہے۔ حالانکہ ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں مل رہا لیکن یوپی کے مدارس کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ انھیں مختلف بہانوں سے پریشان کیا جا رہا ہے۔

    اس روشنی میں اس کا اندازہ بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ دہلی میں بی جے پی حکومت کے دور میں مسلمانوں سے متعلق اداروں کا کیا حشر ہوگا۔ ابھی تو یہ حکومت قائم ہوئی ہے۔ ابھی اس کی جانب سے کوئی اعلان نہیں ہوگا۔ لیکن اس کا اندیشہ اپنی جگہ پر برقرار ہے کہ عام آدمی پارٹی کے دور میں ان اداروں کو جس طرح غیر فعال بنایا گیا بی جے پی کے دور میں ان کا اور خراب حشر کیا جائے گا۔ کوئی تعجب نہیں کہ یہاں بھی اسلامی مدارس کے خلاف جانچ وغیرہ شروع کر دی جائے۔ اس تجزیے کی روشنی میں یہ نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ دہلی میں آنے والے دن مسلمانوں سے متعلق اداروں کے لیے کوئی بہت اچھے نہیں ہوں گے۔

  • مسلم خواتین کے خلاف آن لائن تشدد

    مسلم خواتین کے خلاف آن لائن تشدد

    ایک طرف حکومت  اور  اس کا پشت پناہ زعفرانی ٹولہ  مسلم خواتین کی نام نہاد پسماندگی پر گھڑیالی آنسو بہاتا ہے اور ان کو بااختیار بنانے کا راگ الاپتا ہے وہی دوسری طرف  مسلم خواتین  کے خلاف ہراسانی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔ انٹرنیٹ ، سوشل میڈیا ، مصنوعی ذہانت اور ڈیپ فیک نے اس عمل کو اور تیز کردیا ہے۔ مشہور نیوز پورٹل دی کوئنٹ نے اپنی ایک تازہ تحقیقی رپورٹ میں اس حقیقت سے پردہ اٹھایا ہے کہ مسلم خواتین بالخصوص تعلیم یافتہ اور سماجی وسیاسی میدانوں میں سرگرم خواتین کو زعفرانی ٹولے اور ان کے ہم نواؤں کی جانب سے منصوبہ بند ہراسانی کا سامنا ہے۔ یہ ہراسانی جنسی نوعیت کے پیغامات سے لے کر سوشل میڈیا پر فحش اور توہین آمیز تصاویر، مضامین پوسٹ کرنے اور ان کی ذاتی معلومات کو افشان کرنے سے متعلق ہے۔  اس سے قبل سال 2021 میں سُلّی ڈیل نامی ایک ایپ پر  مسلم خواتین کو نیلام کرنے  کے لیے ان کی تصاویر پوسٹ کی گئی تھیں۔ اس معاملہ پر کافی ہنگامہ ہونے کے بعد پولیس نے کچھ لوگوں کو اس ضمن میں گرفتار بھی کیا تھا۔

    مصنوعی ذہانت یا اے آئی  کی ایجاد کے بعد  غیر اخلاقی تصاویر  کا چلن بہت زیادہ بڑھا ہے ۔ اسلام اور مسلم دشمن عناصر اے آئی کے ذریعے مسلم خواتین کی عریاں تصاویر بناکر اس سے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور اس کا چلن ہندوستان میں بھی بڑھ رہا ہے۔ فیس بک اور انسٹاگرام جیسے پلیٹ فارمز پر ایسی پروفائل اور پیج  پہلے سے موجود تھے، لیکن اے آئی  ٹولز کی مدد سے یہ تصاویر زیادہ اصلی اور حقیقی نظر آنے لگی ہیں۔ اس کی وجہ سے ایسے مواد کی مقدار میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ دی کوئنٹ کی تحقیق کے مطابق، انسٹاگرام پر کم از کم 250 ایسے پیج  موجود ہیں جس میں اے آئی  ٹولز کا استعمال کرکے  بنائی گئی مسلم خواتین کی فحش تصاویر پوسٹ کی گئی  ہیں۔ فیس بک  اور ایکس پر بھی  ایسی سرگرمیاں موجود ہیں۔

    اے آئی سے بنائی گئی ان تصاویر میں اکثر مسلم خواتین کو حجاب یا برقعہ پہنے دکھایا جاتا ہے،  جب کہ ہندو مردوں کو ردراکش کی مالا، ہاتھ کے دھاگے، تلک، یا بھگوا کپڑوں میں دکھایا جاتا ہے۔ ان پیج  کے ناموں اور ہیش ٹیگز میں بھی "حجابی” جیسے الفاظ کا استعمال کثرت سے ہوتا ہے۔

    دہلی کی سماجی کارکن نبیہ خان  کے مطابق جب سے ایکس  پر ان کے فالوورز کی تعداد بڑھی ہے، انہیں حجاب پہنے مسلم خواتین کی فحش تصاویر میسج کے ذریعہ موصول ہو رہی ہیں۔ انہیں دھمکیاں دی جاتی ہیں کہ ان کی خود کی ایسی ہی تصاویر بناکر پھیلائی جاسکتی ہے۔

    ان تصاویر میں ہندو مردوں کو غیر معمولی طور پر مضبوط اور غالب دکھایا جاتا ہے، جب کہ  مسلم خواتین کو کمزور اور خوفزدہ دکھایا جاتا ہے۔ کچھ تصاویر میں ہندو مردوں کو مسلم خواتین کے اردگرد گھیرا ڈالتے ہوئے دکھایا جاتا ہے، جو اجتماعی تسلط کی علامت ہے۔ ایک صفحہ کی تفصیل میں "حجابیوں کا شکاری” درج ہے، جب کہ  دوسرا صفحہ مسلم خواتین کو اپنی "رکھیل” بنانے کا دعویٰ کرتا ہے۔

    ان خیالی تصورات میں برقع اور حجاب کی مرکزیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ‘حجابی’ کا لفظ نہ صرف ان پیج  کے ناموں میں بار بار آتا ہے بلکہ ان کی پوسٹس اور ہیش ٹیگز میں بھی عام طور پر استعمال ہوتا ہے۔

    ایک ہندی پوسٹ، جو ان پیج  پر بار بار شیئر کی گئی، میں کہا گیا: "مسلم خواتین جنسی طور پر محرومی کا شکار ہوتی ہیں اور وہ اسے چھپانے کے لیے برقع پہنتی ہیں۔”

    ان تصاویر میں ہندو مردوں کو ہمیشہ غیرحقیقی طور پر انتہائی مضبوط جسم کے ساتھ اور ایک غالب یا حتیٰ کہ دھمکانے والے انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔ دوسری طرف، مسلم عورت کو اکثر فرماں بردار اور خوف زدہ دکھایا جاتا ہے۔مثال کے طور پر، ان انسٹاگرام پیج  میں سے ایک، جس کا کوئنٹ نے تجزیہ کیا، اس کے پروفائل تصویر میں ایک ہندو مرد کو ایک مسلم عورت کو پیچھے سے دھمکانے والے انداز میں پکڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔کچھ تصاویر میں مردوں کو غیرمتناسب طور پر بڑا دکھایا گیا ہے، جو کہ "غلبے کے جنسی تصورات” پر مبنی فحش مواد کا ایک عام پہلو ہے۔اسی طرح، بعض جگہوں پر متعدد ہندو مردوں کو ایک مسلم عورت کے گرد گھیرا ڈالے ہوئے دکھایا گیا ہے، جو اجتماعی تسلط کی علامت کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔

    ان پیج  میں بار بار دہرایا جانے والا ایک موضوع "غیر مختون ہندو عضو تناسل” کی برتری  ہے۔حقیقت یہ ہے کہ کئی پیج  کے ناموں میں بھی "Uncut” کا لفظ شامل ہے۔ کوئنٹ کو انسٹاگرام پر 50 سے زیادہ ایسے "Uncut” پیج  ملے   جو مسلم خواتین کی نیم فحش تصاویر شیئر کرتے ہیں۔

    کوئنٹ کے مطابق بہت سارے پیجز  اکثر بار بار ایسی پوسٹس شیئر کرتے ہیں جن میں "مسلم لڑکیوں اور گھریلو خواتین” کو "جنسی تسکین” کے لیے مدعو کیا جاتا ہے۔

    تاہم، کئی پیج  پر ایسی پوسٹس اور تبصرے بھی دیکھنے کو ملے جن میں جعلی اکاؤنٹس (کیٹ فِشنگ) کی شکایت کی گئی، جو مسلم خواتین ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ اس لیے یہ کہنا ممکن نہیں کہ واقعی کوئی خواتین ان سے رابطہ کرتی ہیں یا نہیں۔ اسی وجہ سے، کئی پیج  نے شناخت کے ثبوت کے طور پر ویڈیو چیٹ کو لازمی قرار دے دیا ہے۔

    کچھ پیج  یہ دعویٰ بھی کرتے ہیں کہ وہ مسلم خواتین اور ہندو مردوں کے درمیان "جنسی ملاقاتوں” کا بندوبست کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر، ایک صفحے نے پوسٹ میں "اڑیسہ کے مردوں” کو مدعو کیا کہ وہ ایک 18 سالہ مسلم لڑکی کے ساتھ "جنسی تعلق قائم” کریں۔

    یہ پیج  وقتاً فوقتاً مخصوص علاقوں کے لیےا س طرح کے جنسی نوعیت کے دعوت نامے بھی پوسٹ کرتے ہیں۔ اس طرح کے دعوت نامے مدھیہ پردیش اور اتر پردیش کے زیادہ ہوتے ہیں۔

    کچھ پیج  "بھگوا لو ٹریپ” کے نام سے مسلم لڑکیوں کو ہندو مذہب میں تبدیل کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ ایک صفحہ نے ایک "عالم لڑکی” کے بارے میں انسٹاگرام اسٹوری شیئر کی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ ایک مذہبی عالمہ لڑکی کو ہندو مذہب میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ تاہم، اس دعوے کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
    Quoraنامی ویب سائٹ پر ایک صارف سوال کرتا ہے، "اگرچہ میں ہندو ہوں، پھر بھی مجھے مسلم خواتین کی طرف کشش کیوں محسوس ہوتی ہے؟”

    اس کے جواب میں، ایک شخص جو خود کو بنگلورو کا آئی ٹی پروفیشنل بتاتا ہے، لکھتا ہے: "یہ اس لیے ہے کیوں کہ  مسلم خواتین ممنوعہ پھل کی مانند ہیں۔ میں اب ایک مسلم عورت سے شادی کر چکا ہوں، اور وہ اب مسلم نہیں رہی۔” اس تبصرے کے آخر میں ایک مسکراتا ہوا ایموجی بھی شامل ہے۔

    ظاہر ہے اس دعوے کی تصدیق نہیں کی جاسکتی کہ آیا یہ شخص واقعی کسی مسلم خاتون سے شادی کر چکا ہے یا محض اپنی خیالی دنیا کو حقیقت کے طور پر پیش کر رہا ہے۔ لیکن جو بات واضح ہے، وہ یہ کہ وہ ایک ہندو مرد کے لیے مسلم عورت سے شادی کو کسی "کامیابی” کے طور پر دیکھتا ہے، اور اس کے مذہب چھوڑنے کو اس شادی کا ایک متوقع نتیجہ تصور کرتا ہے۔

    ایک اور اہم پہلو یہ ہے کہ ان میں سے کچھ پیج  میں ان تصاویر اور میمز میں دکھائے جانے والے ہندو مرد کی ذات کو خاص طور پر نمایاں کیا جاتا ہے۔ کچھ پیج  کے نام ‘ظالم پنڈت’، ‘ظالم برہمن’ یا ‘ظالم ٹھاکر’ جیسے رکھے گئے ہیں۔ انسٹاگرام پر کم از کم 60 ایسے پیج  موجود ہیں جن کے نام ‘ظالم پنڈت’ یا ‘ظالم برہمن’ کی مختلف شکلوں پر مشتمل ہیں۔ اور یہ خاص طور پر مسلم خواتین کی عریاں تصاویر پوسٹ کرنے کے لیے بنائے گئے تھے۔

    کچھ میمز میں اس بات پر زور دیا جاتا ہے کہ مسلم عورت کے ساتھ زیادتی کرنے والا ہندو مرد "پنڈت جی” ہے۔ ایک اور صفحہ دعویٰ کرتا ہے کہ "صرف ایک پنڈت ہی مسلم خواتین کی جنسی خواہشات کو پورا کر سکتا ہے”۔

    دلچسپ بات یہ ہے کہ کوئی ایسا صفحہ نہیں ملا جہاں کسی او بی سی (OBC) یا دلت ذات کو نمایاں کیا گیا ہو، اور نہ ہی کوئی ایسا صفحہ ملا جہاں کسی خاص علاقائی شناخت کو ان تصاویر کے ذریعے پیش کیا گیا ہو۔

    "ظالم ٹھاکر” نامی پیج  پر فحش مواد موجود تھا، لیکن ان میں سے کچھ ہی حصہ ایسا ہے جس میں مسلم خواتین کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ زیادہ تر مواد عمومی عریاں تصاویر اور عورت مخالف (misogynistic) تصاویر پر مشتمل ہے۔

    ایسے پیج  پر پوسٹ کی گئی نان-اے آئی (غیر مصنوعی ذہانت) تصاویر اکثر اے آئی سے بنی ہوئی تصاویر کے مقابلے میں زیادہ فحش ہوتی ہیں، کیوں کہ  بعض میں تو مسلم خواتین کے ساتھ ہندو مردوں کی جنسی زیادتی تک کو دکھایا جاتا ہے۔

    ان میں استعمال ہونے والی تصاویر اکثر مغربی فحش میمز یا مغربی فحش فلموں کے مناظر سے لی جاتی ہیں، جن میں فوٹوشاپ کے ذریعے مرد کے جسم پر تلک یا اوم کا نشان شامل کر دیا جاتا ہے اور عورت کے سر پر حجاب ڈال دیا جاتا ہے۔ بعض اوقات اس طرح کا  پیغام پھیلانے کے لیے بے حد بھونڈے کارٹون بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔

    اگرچہ ان تصاویر میں بعض اوقات کھلی جنسی زیادتی کو نہیں دکھایا جاتا، لیکن پھر بھی ان میں تشدد کی علامت موجود ہوتی ہے۔

    یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ اے آئی سے بنی یہ تصاویر کسی حقیقی جوڑے یا فحش اداکاروں کی نمائندگی نہیں کرتیں۔ بلکہ یہ ان مردوں کی جنسی تصورات کی عکاسی کرتی ہیں جو ایسی تصاویر بنا رہے ہیں، شیئر کر رہے ہیں اور دیکھ رہے ہیں۔یہ دراصل ان کا وہ ارادہ ظاہر کرتی ہیں کہ وہ مسلم خواتین کے ساتھ کیا کرنا چاہتے ہیں، اور ان میں مسلم خواتین کی مرضی یا رضامندی کا کوئی دخل نہیں ہوتا۔یہی وہ پہلو ہے جو ان تصاویر کو بنیادی طور پر ایک تشدد پر مبنی عمل بنا دیتا ہے۔

    ان پیج  کی طرف سے پوسٹ کی گئی غیر اے آئی  تصاویر اکثر زیادہ صریح ہوتی ہیں، اور کچھ میں تو مسلم خواتین کے خلاف جنسی تشدد کو بھی دکھایا جاتا ہے۔ یہ تصاویر عام طور پر ویسٹرن پورنوگرافی سے لی جاتی ہیں، لیکن ان میں ہندو علامات کو شامل کر دیا جاتا ہے۔ یہ تصاویر مسلم خواتین کے خلاف تشدد کو معمول بنانے کی کوشش ہیں۔

    آن لائن پلیٹ فارمز نے مسلم خواتین کے خلاف تشدد اور ہراسانی کو نئی جہتیں دی ہیں۔ اے آئی  ٹولز کی ترقی نے اس مسئلے کو اور بڑھا دیا ہے۔ یہ صرف ایک فرد کا مسئلہ نہیں، بلکہ پورے معاشرے کے لیے ایک چیلنج ہے۔ اس کے خلاف آواز اٹھانا اور اسے روکنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

     

  • مہاراشٹر میں اورنگزیب پر سیاست

    مہاراشٹر میں اورنگزیب پر سیاست

    مہاراشٹر کے ممبر اسمبلی ابوعاصم اعظمی کو اورنگزیب پر تاریخی حقائق بتانے کے ’جرم‘ میں مہاراشٹر اسمبلی سے پورے بجٹ سیشن کیلئے معطل کردیا گیا ہے ۔انہوں نے اسمبلی اسپیکر کو خط لکھ کر یہ واضح بھی کیا ہے کہ انہوں نے جو کچھ بیان کیا وہ تاریخ میں درج ہے ۔ لیکن ظاہر ہے کہ ابو عاصم کی وضاحت کا کوئی فائدہ نہیں ہونے والا ، کیوں کہ  زعفرانی عناصر نے جو عزم کر رکھا ہے اسے وہ ہر حال میں پورا کرکے چھوڑ تے ہیں ۔ اورنگزیب ؒ ان کے سامنے اس لئے ملامت زدہ ہیں کہ ان کے دور میں شیواجی سے ٹکراو ہوا اور وہ اورنگزیب کی قید میں رہے ۔ اس کو سیاسی کشمکش کے بجائے سنگھی ٹولہ ایک مذہبی کشمکش تصور کرتا ہے ۔ جیسا کہ آج کل جہاد جیسی پاکیزہ اصطلاح کو بھی اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے جگہ جگہ استعمال کرتے ہیں ،لو جہاد، ووٹ جہاد ، نوکری جہاد اور نہ جانے کیا کیا الم غلم بکواس کرنا اس ٹولہ کی پرانی روش ہے ۔ مسئلہ یہ ہے کہ سنگھی ٹولہ اچھی طرح  جانتا ہے کہ یہاں اکثریتی آبادی کی بڑی تعداد جاہل اور ضعیف الاعتقادی کا شکار ہے ۔ انہیں جو بتایا جاتا ہے اسے وہ من و عن قبول کرلیتے ہیں ۔ اس کی تحقیق کی ضرورت محسوس نہیں کرتے کہ جو باتیں انہیں بتائی گئی ہیں کہ ان میں سچائی کتنی ہے ؟ بہر حال اورنگزیب ؒ کے ایشو پر ایک ہنگامہ بپا کردیا گیا اور وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے یہاں تک کہہ دیا کہ ابو عاصم جیل جائیں گے ۔ پتہ نہیں انہیں کچھ قانون کا پتہ ہے بھی کہ نہیں ، مجھے نہیں لگتا انہیں پتہ نہیں ہے لیکن وہ محض مذہبی ہیجان کو برقرار رکھنے کیلئے اس قسم کی سخت بیان بازی کررہے ہیں ۔اس کے علاوہ فرقہ پرستی کیلئے بدنام یوپی کے وزیر اعلیٰ بھی بدزبانی کرنے سے پیچھے نہیں ہٹے ۔ اصل میں یہ ٹولہ چاہتا ہے کہ یہ جو کچھ بولے اسے ہی قانون سمجھا جائے اور اسی کی سب مل کر تائید کریں ۔ لیکن ایک بڑی تعداد آج بھی ان کی مخالف ہے لیکن جمہوریت کے طفیل بڑی اکثریت کی مخالفت کے باوجود ایسے فرقہ پرست عناصر آج مرکز اور کئی ریاستوں میں حکومت میں ہیں ۔

    ماضی میں بی جے پی کے ساتھ مل کر حکومت بنانے والی شیو سینا جس کی وجہ سے سنگھی پارٹی کو یہاں استحکام ملا اور آج اس کا وزیر اعلیٰ ریاست کی باگ ڈور سنبھالے ہوئے ہے ، کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے سب سے آگے بڑھ کر کہا کہ ابو عاصم کو صرف ایک سیشن کیلئے ہی نہیں ہمیشہ کیلئے اسمبلی سے معطل کیا جاناچاہئے تھا ۔جب کہ وہ اور ان کی پارٹی ایک ایسے گروپ سے وابستہ ہیں جس میں کئی سیکولر پارٹی شامل ہیں اور جنہوں نے مشترکہ طور پر ڈھائی سال مہاراشٹر میں حکومت کی ہے اور ابھی بھی وہ اسی گروپ کا حصہ ہیں ۔تعجب یہ ہے کہ سیکولر پارٹیوں کے نمائندے اور مسلم ارکان اسمبلی نے بھی ہمیشہ کی طرح خاموشی اختیار کی جب کہ  انہیں عاصم کے ساتھ اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہئے تھا اور یہی وہ موقع ہے جب تاریخی حقائق کو سب کے سامنے رکھنا چاہئے تھا ،لیکن وہ خاموش ہی رہے اسی لئے مسلم ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی کو پارٹی کا نمائدہ کہا جاتا ہے جسے وہ بار ہا ثابت بھی کرچکے ہیں ۔یہ موقع تھا جسے مسلم ارکان نے گنوا دیا ، اگر انہیں اسمبلی میں بولنے کی آزادی نہیں تھی تو وہ پریس کے سامنے آکر تاریخی حقائق کو حوالوں کے ساتھ پیش کرسکتے تھے ۔ ہندو عوام یا مراٹھا عوام بھی کہہ سکتے ہیں یہ لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ گویا اورنگزیب ؒ کی تعریف شیواجی کی توہین ہے۔انہیں یہی باور کرانے کی ضرورت تھی کہ اورنگزیب کی سچائی بتانا شیوجی کی توہین بالکل نہیں ہے ۔ یہی موقع تھا جب غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کی جاسکتی تھی اور پھر گفتگو کا لمبا دور چلتا جس میں یہ واضح ہوتا کہ شیواجی نے اورنگزیب ؒ کو خط لکھا تھا جس میں جزیہ کے تعلق سے یہ کہا تھا کہ یہ اس وقت جائز ہوتا جب ایک خوبصورت عورت زیورات سے لدی ہوئی سفر کرتی اور اسے کسی قسم کا خوف نہیں ہوتا۔ مطلب شیواجی کا اختلاف بھی اصولی تھا۔

    اسی کے ساتھ اور بھی کئی حقائق عوام کے سامنے آتے جسے ہمیشہ چھپانے کی کوشش کی جاتی ہے جیسے ان پر مندورں کو ڈھانے کا الزام وغیرہ ۔جب کہ  انہوں نے جو منادر توڑے وہ ہندو راجاؤں کی اپیل پر  توڑے۔ عوام کو معلوم ہوتا کہ وہ مندر کیوں توڑے گئے اور یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ اورنگزیب ؒ نے مندروں کی رکھوالی کے لئے جائیدادیں دیں جس کے تحریری دستاویز آج بھی موجود ہیں ۔بی جے پی یا اس کا سنگھی ٹولہ اس بات سے بخوبی واقف ہے کہ اسے الفاظ کو توڑ مروڑ کر اپنے مطلب کی باتیں کیسے نکالنی ہیں ۔یہاں بھی اس نے یہی کیا بس ایک تاریخی بیان پر ہنگامہ کھڑا کردیا اب اس ہنگامے میں کوئی سمجھ ہی نہیں رہا ہے کہ سچائی کیا ہے اور ان ہنگامہ آرائیوں کے پس پشت کیا مقاصد ہیں ۔ جیسے شیو سینا ادھو کے ترجمان سنجے راوت نے کہا کہ اس بیان کو اس لئے طول دیا گیا تاکہ دھننجے منڈے کے معاملہ کو دبایا جاسکے ۔ دھننجے منڈے بیڑ کے سرپنچ کے قتل کی وجہ سے مشکل میں ہیں اسی کے ساتھ یہ مخلوط حکومت بھی سیاسی طور سے پریشانی میں مبتلا تھی لیکن ابو عاصم اعظمی کے معاملہ کو طول دیا گیا تاکہ عوام کی توجہ ادھر ہٹ جائے اور گودی میڈیا کو بھی ایک سنسنی پھیلانے کی وجہ مل جائے ۔ بہر حال مہاراشٹر حکومت کو جو حاصل کرنا تھا وہ اس نے کرلیا ، کیوں کہ  دھننجے منڈے کا معاملہ تھوڑا ٹھنڈا ہوگیا یا عارضی طور پر حکومت کو راحت مل گئی۔ پھر یہاں کے عوام کی یاد داشت اتنی کمزور ہے یا روزگار اور مہنگائی سے جوجھ رہے لوگ کیا یاد رکھ پائیں گے ۔انہیں تو ہر روز اپنے گھر اور اپنے بچوں کے مستقبل کی فکر ہوتی ہے  جس سے انہیں وقت ہی نہیں مل پاتا کہ وہ عوامی مسائل پر کوئی توجہ دے سکیں ۔ ایک دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ اپوزیشن نے شیواجی کے مجسمہ کے انہدام پر بی جے پی سے معافی کا مطالبہ کیا تو فڑنویس نے کہا کہ پہلے اپوزیشن نہرو کے ذریعہ شیواجی کی توہین پر معافی مانگے۔ جواباً سنجے راوت نے بھی کہا کہ ساورکر نے بھی شیواجی کی توہین کی ہے۔ مطلب شیواجی کے ایشو پر بحث و مباحثہ کا دور ختم نہیں ہورہا ہے۔
    موجودہ حکومت کے آنے کے بعد ہر چند کہ اندرونی چپقلش کی خبریں آتی رہتی ہیں لیکن انہوں نے کچھ لوگوں کو کام پر لگا رکھا ہے کہ وہ ریاست میں مذہبی منافرت کو ہوا دیتے رہیں جس سے کہ بی جے پی کو ارتکاز ووٹ کا فائدہ ملتا رہے ۔ معلوم ہو کہ آئندہ چند ماہ میں شہری اکائیوں کے انتخابات ہونے والے ہیں ۔ یہ جان کر حیرت ہوگی کہ ممبئی کارپوریشن تین سال سے بغیر انتخاب کے کام کررہی ہے ۔ حکومت اپنے ایجنڈے پر عمل پیرا ، اسی ایجنڈے کے تحت پونے میں ایک بہت بڑے علاقے کو زمین بوس کردیا گیا جس سے لاکھوں کروڑ کا نقصان ہوا ہے۔ بیروزگاری کی مار جھیل رہے عوام میں مزید ہزاروں لوگ بے روزگار ہوگئے ۔ یہ بہت بڑی کارروائی تھی ، اس کے علاوہ ریاست بھر میں چھوٹی چھوٹی کارروائیاں جاری ہیں ۔

    اکیسویں صدی کے بھارت میں نیا سلسلہ چل پڑا ہے کہ جس کسی (مسلمان) پر کوئی الزام لگایا جائے فورا اس کے گھروں کو مسمار کردیا جاتا ہے ۔ ایسا ہی ایک واقعہ سندھو درگ کے مالوان میں ایک نابالغ کے ذریعہ پاکستان زندہ باد کے نعرہ لگانے پر اس کے والدین کو گرفتار کرلیا گیا اور اس کی دوکان ڈھادی گئی ۔ اس طرح کے واقعات کثرت سے ظہور پذیر ہورہے ہیں لیکن مسلمانوں کی جانب سے آواز میں کمزوری آتی جارہی ہے ۔ تنظیمی اور عوامی دونوں سطحوں پر ایسا محسوس کیا جارہاہے کہ مسلمانوں نے یہ تسلیم کرلیا ہے کہ جب جرم کریں گے تو اس کی سز ملے گی ہی ۔ کوئی بھی واقعہ ہوتے ہی میڈیا کے ذریعہ مسلمانوں کو اجتماعی مجرم کے طور پر پیش کیا جاتا ہے اور اسی تیز پروپگنڈہ کا اثر ہے کہ مسلمانوں میں یہ رجحان بڑھ رہا ہے ۔ جب ہر طرف سناٹا ہو کہیں سے کوئی صدائے احتجاج بلند نہ ہو تو ہم تو یہی سمجھیں گے کہ مسلمانوں نے فرقہ پرست اور فسطائی پارٹیوں اور حکومتوں کے آگے سر تسلیم خم کردیا ہے ۔ یہ خطرناک صورت حال ہے۔ اس طرح تو فسطائی حکومت کے حوصلے قوی ہوجائیں گے اور انہیں کہیں سے احتجاج کا خوف نہیں ہونے کی صورت میں بہت سی مسلم بستیاں ذرا ذرا سی بات پر ان کی زد میں آجائیں گی ۔ مسلم تنظیموں کو تھوڑا حوصلہ دکھا کر اس طرح کے حالات سے لڑنے کیلئے کمربستہ ہونا ہی پڑے گا ، ورنہ عوام میں ان کی حیثیت پر سوالیہ نشان لگ جائے گا۔