Author: مدیر

  • ناشر کا خط

    ناشر کا خط

    قارئین کرام

    السلام علیکم و رحمت اللہ و برکاتہ

    آپریشن سیندور کے دوران اچانک اگلی مردم شماری کے ساتھ ذات پر مبنی مردم شماری ( کاسٹ سینسس ) کرائے جانے کی پھلجھڑی چھوڑ کر وزیر اعظم مودی نے سب کو غوطہ حیرت میں ڈال دیا۔ حیرت اس لئے بھی ہے کہ کل تک وزیر اعظم نریندر مودی اور آر ایس ایس کے سربراہ اس کے سخت مخالف تھے اور اسے ہندو سماج کی تقسیم کا شاخسانہ قرار دے رہے تھے۔ تاہم یہ بات صاف ہے کہ حکمران جماعت آنے والے بہار الیکشن میں اس کا فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔ نوراللہ جاوید نے جہان کاسٹ سینسس کے تعلق سے متعدد سوالات کے جوابات تلاش کرنے کی کوشش کی ہے وہیں یہ جاننے کی کوشش بھی کی ہے کہ اس سے مسلمانوں کو بھی کوئی فائدہ پہونچے گا یا نہیں، وہیں  سوہاس پالشیکر اسے اپوزیشن کے ایشو کو ہڑپ کر اس انقلابی نعرہ کی کشش کو ماند کرنے کی ایک کوشش قرار دے رہے ہیں۔

    چند ماہ بعد بہار کے اسمبلی انتخابات آنے والے ہیں۔ یہ انتخابات کئی اعتبار سے اہمیت کے حامل ہیں۔ جہاں ایک طرف حکمران این ڈی اے اتحاد کو انکمبنسی کا سامنا ہے،  وہیں دیکھنا یہ بھی ہے کہ وقف قانون میں متنازعہ ترمیمات پر نتیش کمار سے ناراض مسلمان کس حد تک اپنے ووٹوں کو مہا گٹھ بندھن کے حق میں پولا رائز کرسکتے ہیں۔ نوراللہ جاوید نے متعدد پہلووں سے ان انتخابات کو سمجھنے کی کوشش کی ہے۔

    اس شمارہ میں سینئر صحافی افتخار گیلانی نے اپنے خصوصی مضامین میں آپریشن سیندوراور پہلگام دہشت گردانہ حملہ سے جڑی بہت ساری گتھیوں کو سلجھانے کی کامیاب کوشش کی ہے۔ ایک اور سینئر صحافی عبدالباری مسعود کا بزرگ سیاست دان یشونت سنہا سے لیا گیا دوٹوک خصوصی انٹرویو آپریشن سیندور کے پس پشت مقاصد کو جہاں طشت ازبام کرتا ہے وہیں مستقبل کے امکانات اور اندیشوں کو بھی بے نقاب کرتا ہے۔

    سینئر کالم نگار ڈاکٹر غطریف شہباز ندوی نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے دورہ مشرق وسطی کو غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں سمجھنے کی کوشش کی ہے۔

    بھارت کو وشو گرو بنانے کے دعوی کی قلعی اس وقت کھل گئی جب آپریشن سیندور پر کسی بھی ملک نے ہمارا ساتھ نہیں دیا۔ مودی حکومت کے ذریعہ ممبران پارلیمنٹ کے سات وفود کا 32 ممالک کا دورہ بھی ایک طرح سے ٹائین ٹائین فش ہی ہوکر رہ گیا ہے۔ بھارت کی ناکام خارجہ پالیسی کا دو الگ الگ زاویوں سے صحافی سہیل انجم اور عبدالباری مسعود نے جائزہ لیا ہے۔

    اس شمارہ میں اور بھی بہت کچھ ہے آپ کے لئے۔ ہمیں آپ کے مشوروں اور تبصرون کا بے چینی سے انتظار رہے گا۔

    والسلام

    ناشر

  • پیغام ربانی

    پیغام ربانی

    ہر اُمّت کے لیے ہم نے قربانی کا ایک قاعدہ مقرر کر دیا ہے تاکہ اُس اُمّت کے لوگ اُن جانوروں پر اللہ کا نام لیں جو اُس نے ان کو بخشے ہیں۔ (اِن مختلف طریقوں کے اندر مقصد ایک ہی ہے) پس تمہارا خدا ایک ہی خدا ہے اور اُسی کے تم مطیعِ فرمان بنو۔ اور اے نبیؐ، بشارت دے دے عاجزانہ روِش اختیار کرنے والوں کو، جن کا حال یہ ہے کہ اللہ کا ذکر سُنتے ہیں تو ان کے دل کانپ اُٹھتے ہیں، جو مصیبت بھی اُن پر آتی ہے اُس پر صبر کرتے ہیں، نماز قائم کرتے ہیں، اور جو کچھ رزق ہم نے اُن کو دیا ہے اُس میں سے خرچ کرتے ہیں۔

    (سورہ الحج، آیت34-35)

  • ذات پر مبنی مردم شماری اور مسلمان

    ذات پر مبنی مردم شماری اور مسلمان

    پہلگام  میں دہشت گردانہ کارروائی او ر26سیاحوں کی ہلاکت کے بعد جب پور املک کرب کی شدت سے گزرہا تھا، پاکستان سے متصل سرحد اور لائن آف کنٹرول پر فوجیں آمنے سامنے تھیں اور دونوں ملکوں کے درمیان جنگ کے بادل منڈلا رہے تھے اس ماحول میں اچانک وزیر اعظم مودی کی قیادت والی کابینہ نے مردم شماری کے ساتھ ذات کی بنیاد پر سروے کرانے کا فیصلہ کرکے سبھو ں کو حیران کردیا۔بھارت کی تاریخ میںپہلی مرتبہ مسلمانوں کا ایک مذہبی اکائی کے بجائے ذات کی بنیاد پر سروے کرنے کا فیصلے کیا گیا ۔جنگ زدہ ماحول میںیہ فیصلہ حیرت انگیز اور حیران کن صرف اس لئے نہیں تھاکہ کابینہ کو ایسے ماحول میں اس متنازع مسئلے پرغور کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی اور مگراس سے بڑھ کر حیران کرنے والی بات یہ تھی کہ بی جے پی اور اس کی نظریاتی سرپرست ’’آر ایس ایس ‘ جو مساوات کے بجائے یکجہتی کی پرچارک رہی ہے اور ذات کی بنیاد پرسروے جیسے اقدامات کو ہندئوں کو تقسیم اور پھوٹ ڈالنے اور سماجی تقسیم کو گہرا کرنے والا بتاتی رہے وہ اس کیلئے راضی کیسے ہوگئی ؟۔کیا یہ صرف بی جے پی کی سیاسی مجبوری ہے یا پھر آر ایس ایس کی طویل مدتی منصوبے کا حصہ ہے؟۔اس سے بھی اہم سوال یہ ہے کہ آر ایس ایس کی سوچ میں یہ تبدیلی کیوں پید ا ہوئی ۔چوں کہ اس سروے میں مسلمانوں کی برادریوں کا بھی شمار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس لئے یہ سوال لازمی ہے کہ اس کا مسلمانوں پر کیا اثرات مرتب ہوں گے؟۔اس کے پیچھے حکومت کی منشا کیا ہے؟ ۔کیا واقعی بی جے پی اور مودی حکومت مسلمانوں کی پسماندہ برادریوں کو سماجی انصاف کا حصہ بنائیں گی؟ ۔یہ سوال اس لئے بھی ضروری ہے کہ بی جے پی اوبی سی میں پسماندہ مسلم برداریوں کی شمولیت کے خلاف تقاریر کرتی رہی ہیں ۔ یا پھر اس کا مقصد مسلمانوں کی مذہبی اکائی کو ختم کرکے سماجی تقسیم کو گہرے کرکے مسلم ووٹ کو بے اثر کرنا مقصد ہے۔

    بھارت ایک متنوع معاشرہ ہے جہاں ذات پات کا نظام صدیوں سے رائج ہے۔ ذات کی بنیاد پر بھارتی سماج میںتفریق ، بھید بھائوکی جڑیںکئی صدیوں سے وابستہ ہے۔آزادی کو8دہائیوںمکمل ہونے کو ہے اس کے باوجود ملک کا مقتدر و حکمراں طبقہ سماجی مساوات اور انصاف فراہم کرنے میں ناکام ہے۔آکسفیم انڈیا (جس کی آزادی کو مودی حکومت نے پر کتر کئے ہیں)کی آخری رپورٹ بتاتی ہے کہ ملک میںاقتصادی عدم مساوات اپنی انتہاپہنچ چکی ہے ۔ملک کی 85فیصد دولت محض 5فیصد افراد کے ہاتھوںمیںمرتکز ہوچکی ہے۔مشہور اسکالرڈاکٹر دیپک ملکن کی قیادت میں ایک ٹیم نے ملک کے چار اہم شہروں ممبئی ،کلکتہ، دہلی اور بنگلور سے متعلق Racialised urban spaces and environmental injustice in an Indian city کے عنوان سے ایک مطالعہ کیا تھا۔یہ مطالعہ بتاتا ہے کہ بھارتی شہروں میں دلت اور مسلمان گنجان آلودہ علاقوں میں رہتے ہیں اور سبز جگہوں تک ان کی رسائی محدود ہیں۔یہ نسلیاتی درجہ بندیوں اور رہائشی علاحدگی کی وجہ سے ہے۔ یہ رپورٹ شہری منصوبہ بندی میں نسلیاتی درجہ بندیوں کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیتی ہے تاکہ ماحولیاتی عوامی وسائل تک مساوی رسائی یقینی بنائی جا سکے۔  ہائی ریزولوشن ڈیٹا کے ذریعے، یہ شہری منصوبہ بندی میں اصلاحات کی ضرورت کو اجاگر کرتی ہے تاکہ منظم عدم مساوات کو دور کیا جا سکے۔  اس رپورٹ میںکلکتہ شہر سے متعلق بتایا گیا ہےکہ شہر کی جائداد کی 5فیصدجائداد کی ملکیت دلتوں کے پاس ہے۔جب کہ بنگال میں 23فیصد دلت آبادی ہے۔کلکتہ شہر میں مسلمانوں کی آبادی کی شرح 25فیصد ہے مگر شہر کے 144میونسپل وارڈ وں میںسے 20وارڈ بھی نہیں ہے جہاں کی بیشتر جائداد کی ملکیت مسلمانوں کے پاس ہے۔بہار میں اکتوبر2023میںآئے ذات کی بنیاد پرسروے رپورٹ بتاتی ہے کہ 70فیصد مسلم آبادی پسماندہ ہے۔تلنگانہ سروے میں بتایا گیا ہے کہ 80 فیصد مسلم آبادی پسماندگی کے شکار ہیں۔اس کے علاوہ بہار میںسروے کے مطابق 60فیصد آبادی کےپاس زمین نہیں ہے۔یہ تمام رپورٹیںبھارت کی سماج میں عدم مساوات کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔اس پسماندگی کو نہ منڈل کی سیاست تبدیل کرپائی ہے اور نہ ہندتو کی سیاست نے ۔آزادی کے بعد سے ہی ملک میںدلتوںکو ریزرویشن حاصل ہیںیقینا دلتوںمیںایک مخصوص طبقہ خوشحال ضرور پیدا ہوا ہے مگر مجموعی طور پر دلت پسماندگی کے شکار ہیں ۔بہار جو سماجی انصاف کی سیاست کا مرکز رہا ہے ۔اور اس ریاست نے کئی دلت لیڈر دئیے ہیں ۔مگر دلتوںکی مجموعی حالت انتہائی پسماندگی کے شکار ہے ۔بہار میں صرف 20فیصد دلتوں کے پاس زمین ہے۔80فیصد دلتوں کے پاس زمین نہیں ہے۔تعلیم تک رسائی نہیں ہے۔بہا ر کے شہری علاقوں میںدلت حاشیہ پرہیں ۔

    بھارت میں پہلی مرتبہ ذات کی بنیاد پر مردم شماری 1931 میں برطانوی نوآبادیاتی دور میں ہوئی۔ اس وقت برطانوی حکومت نے ذاتوں اور ذیلی ذاتوں کی تفصیلات جمع کی تھیں، جن میں تقریباً4, 417ذاتیں اور دبے ہوئے طبقات (جو اب شیڈولڈ کاسٹس کہلاتے ہیں) شامل تھے۔ 1941میںبھی ذات کی بنیاد پر سروے ہوئے تھے مگر ملک کے حالات ، تحریک آزادی میں شدت، انگریزی حکمرانوںکی رخصتی کی وجہ سے یہ سروے سامنے نہیںآسکی تھی۔مگر سوا ل یہ ہے کہ نوآبادیاتی بھارت میںانگریزی حکمرانوں نے مردم شماری میںذات کی بنیاد پر سروے کرنے کا فیصلہ کیوںکیا؟ اس کے کیا اثرات مرتب ہوئے ؟آئی آئی کھڑکپور کے سابق پروفیسر و سماجی کارکن آنند تیلٹ مبڈے نے انگریزی میگزین ’’فرنٹ لائن میںشائع اپنے ایک طویل مضمون میں لکھا ہے کہ ’’برطانوی نوآبادیاتی ریاست 1857 کی بغاوت گرچہ برطانونی اقتدار کو ختم نہیں کرسکی مگر حکومت مکمل طور پر متزلزل ہوگئی تھی۔کامیاب بغاوت کا مطالعہ کرنے سے انہیں ادارک ہواکہ ’’ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان اتحاد کے ساتھ ساتھ ذات پات کے درمیان یکجہتی کا ماحول ہے‘‘۔بغاوت میںملک کے تمام طبقات بشمول نچلی ذاتیں جوش وخروش کے ساتھ شرکت کی تھی ۔چناںچہ نوآبادیاتی حکمرانوں نے بھارتی سماج کا گہرا مطالعہ کرنے کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا کہ اس طرح بغاوت دوبار نہ ابھرے اس کے لئے ضروری ہے کہ بھارت کے دو اہم طبقات ہندئوں اور مسلمانوں کے درمیان دراڑیں پیدا کی جائیں اور ہندئوں میں جو سماجی بھید بھائو اور’ ورنا‘ نظام کو سماجی تفریق میں گہرائی لانے کیلئے استعمال کیا جائے ۔چناں چہ ذات کی بنیاد پر مردم شماری کا برطانوی انگریزوںنے فیصلہ کیا ۔اس کے ساتھ ہی انگریزوں نے بھارت کی تاریخ کو از سر نو مرتب کرنے کا فیصلہ کیا اور برطانوی تاریخی بیانیہ میں مسلم حکمرانی کو ظالم قرار دیا گیا ہے، اور ہندوؤں کو تحفظ کی ضرورت کے شکار کے طور پر رکھا گیا ہے۔ تاریخ کی اس فرقہ وارانہ تشریح نے  مذہبی برادریوں کے درمیان دراڑ ڈال دی، جدید فرقہ پرستی کے بیج بوئے۔مردم شماری اور تاریخی تجدید نے مل کر فرقہ وارانہ اور ذات پات کی بنیاد پر تقسیم کی دوہری حکمت عملی تشکیل دی:ہندوؤں اور مسلمانوں کو بنیادی طور پر مخالف برادریوں کے طور پر پیش کرکے فرقہ واریت کو ادارہ بنایا گیا۔ذات پات کو ہندوستانی سماج کو باہمی طور پر مخصوص اور درجہ بندی کے گروہوں میں تقسیم کرکے ادارہ جاتی شکل دی گئی۔دونوں حکمت عملیوں کا مقصد 1857 کے اعادہ کو روکنا تھا۔ پہچان، وسائل اور نمائندگی کے لیے مسابقت پیدا کر کے- خواہ انتظامی تقرریاں ہوں یا سیاسی فورمز- برطانویوں نے تقسیم کو فروغ دیا جو آج تک برقرار ہے‘‘۔

    پروفیسر و سماجی کارکن آنند تیلٹ مبڈےکے اس نتیجے سے جزوی اتفاق اور جزوی اختلافات کیا جاسکتا ہے۔یہ سچ ہے کہ نوآبادیاتی حکمرانوں کا مقصد سماجی انصاف نہیںتھا مگر اس سروے نے بھارتی سماجی میں تفریق اور پسماندہ برادری کی حقیق صورت حال کو سامنے میں اہم کردار ادا کیا۔چناںچہ اسی دور میں بھارت میں سماجی انصاف کی کئی تحریکیں نمودار ہوئیں اور سماجی بیداری پیدا کی ۔اس کا بھارتی سماج پر گہرے اثرات مرتب ہوئے ۔گرچہ نہروین بھارت میں ذات کی بنیادپر مردم شماری کا سلسلہ سماجی اتحاد کی خاطر بند کردیا گیا مگر اس کی چنگاری کبھی نہیںبجھی ۔80کی دہائی کے اواخر میںسماجی انصاف کی تحریک نے کئی تبدیلیاں لائیں اور منڈل کی رپورٹ نافذ ہوئی ۔رام جنم بھومی کی تحریک کے ذریعہ سماجی انصاف کی تحریک کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی ۔مودی کے عروج کےساتھ ہی ایسا لگنے لگا کہ بھارت میںسماجی انصاف اور سماجواد کی سیاست ہمیشہ ہمیش کےلئے دفن ہوجائے گی مگر اقتصادی ناہمواری ، دولت کے ارتکاز نے یہ ثابت کردیا کہ ہندتو کی سیاست ناکام ہوچکی ہے۔بی جے پی اور آر ایس ایس گرچہ ہندئوں کے اتحاد کی بات کرتی ہے مگر اس نے ہرایک انتخاب میں سوشل انجینئرنگ کی ہے۔ پسماندہ طبقات اور دلتوں کےچھوٹے طبقات میں بے چینی پیدا کرنے کی کوشش کی اور اس کا سیاسی فائدہ اٹھایا ۔ہریانہ اور مہاراشٹر کے اسمبلی انتخابات کے نتائج اس حکمت عملی کی طرف اشارہ کرتے ہیں ۔بی جے پی یہ تاثر قائم کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے کہ’’ ریزرویشن کا نظام بھارت میں سماجی انصاف کو فروغ دینے کے لیے بنایا گیا تھا۔ اور پسماندہ طبقات کو مرکزی حکومت کی نوکریوں اور تعلیمی اداروں میں 27فیصدریزرویشن دیا جاتا ہے۔ تاہم حقیقت یہ ہے کہ کچھ امیر اور دبدبہ والی اوبی سی ذاتوں نے اس کوٹے کا بڑا حصہ حاصل کر لیا ہے، جبکہ زیادہ پسماندہ ذاتیںسماجی انصاف سے محروم ہیں ‘‘۔روہنی کمیشن کے قیام کا مقصد اسی تفریق کو اجاگر کرنا تھا۔روہنی کمیشن کا مقصد اس عدم مساوات کو دور کرنا تھا، خاص طور پر ان ذاتوں کو فائدہ پہنچانا جو اب تک ریزرویشن سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں ۔کمیشن نے تجویز دی کہ اوبی سی کو ان کی سماجی و معاشی پسماندگی کے بنیاد پر ذیلی ذاتوں میں تقسیم کیا جائے تاکہ ریزرویشن کے فوائد زیادہ منصفانہ طور پر تقسیم کیے جا سکیں۔ اس کا مقصد یہ یقینی بنانا تھا کہ زیادہ پسماندہ ذاتوں کو بھی اس نظام سے فائدہ پہنچے۔ تاہم، رپورٹ کی تفصیلی سفارشات ابھی تک عام نہیں کی گئی۔ کمیشن کی رپورٹ میںکہا گیا ہے کہ 97فیصدریزرویشن کے فوائد صرف 25فیصد اوبی سی ذیلی ذاتوں کو مل رہے ہیں، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کچھ ذاتوں نے اس نظام کو زیادہ فائدہ اٹھایا ہے۔صرف 10اوبی سی ذاتی نے مرکزی نوکریوںاور تعلیمی اداروںمیں ریزرویشن کا 25فیصدحصہ حاصل کیا ہے، جو اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ کچھ ذاتوں نے اس نظام کو زیادہ فائدہ اٹھایا ہے۔ 37فیصد اوبی سی ذاتوں کا تعلیمی اور حکومتی اداروںمیںکوئی نمائندگی نہیںتھی۔روہنی کمیشن کی سفارت کو مکمل طور پر آج عام نہیںکیا گیا ۔جس سے واضح ہوتا ہے کہ مودی حکومت کا مقصد سماجی انصاف نہیںبلکہ اوبی سی کے درمیان تفریق پیدا کرنا تھا۔

    روہنی کمیشن کے نتائج  اور  2024کے پارلیمانی انتخابات میںعددی قوت سے محروم مودی حکومت ذات کی بنیاد پر سروے کرنے کا فیصلہ کیا۔بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا اگلی مردم شماری میں ذات پات کی بنیاد پر سروے میں ایماندارانہ طریقے سے اختیار کئے جائیںگے۔کیوںکہ سروے کرنے والے افسران میں اکثریت ان لوگوں کی ہے جو اس کے شدید مخالف رہے ہیں ۔سابقہ یوپی اے حکومت نے 2011میں ذات کی بنیاد پرسروے کیا گیاتھامگر اس کی رپورٹ کو اس بنیاد پر عام نہیںکیا گیا کہ رپورٹ میںمرتب کرنے میں شفافیت نہیں برتی گئی ہے۔سوال یہ ہے کہ موجودہ مردم شماری جس میںذات کی بنیاد پر سروے ہوں گے کیا اس میںشفافیت برتی جائے گی ؟۔ذات کی بنیاد سرو ے کی رپورٹ کب آئے گی اور اس کے کیا نتیجے ہوں گے مگر اس سےقبل 50فیصد کی حد کو ختم کرنے کی آوازیں بلند ہونے لگی ہیں ۔گرچہ مودی حکومت فارورڈ کلاسیس کے غریب طبقے کیلئے 10فیصد ریزرویشن دینے کا فیصلہ کرکے اس حد کو ختم کردیا ہے مگر سوال اب اوبی سی کیلئے 27فیصد ریزرویشن کی حدکو بڑھانے کی آواز بلند ہورہی ہے ۔دیکھنا ہے کہ اس چیلنج سے مودی حکومت کس طرح نمٹتی ہے۔

    منڈل کمیشن نے مسلمانوں کی کئی برادریوںکو اوبی سی کو شامل کرکے مسلمانوں میںذات کی سیاست کا آغاز کردیا ۔ 70کی دہائی کے بعد سےہی مسلمانوں کی کئی برداریاں تنظیمی طور پر ابھرگئی تھیں۔تاہم مسلمانوں میں ذات پات کی تفریق کا سوال ہمیشہ سےافراط و تفریط کا شکار رہا ہے۔ایک طبقہ وہ ہے جو سرے سے اس کا انکار کرتا رہا ہے ۔دوسری طرف مسلمانوں میں ذات پات کی سیاست کرنے والوں کی دلیل ہے کہ ہندو سماج کی طرح مسلمانوںمیںسماجی تفریق اور بھید بھائو ہے۔حقیقت یہ ہے کہ یہ دونوں باتیںغلط ہیں۔مذہبی اعتبار سے مسلمانوں میںذات پات نہیں  ہے۔مذہبی رسوم کی ادائیگی میںمسلم سماج میںکوئی تفریق نہیں ہے۔مسجد کا امام اور مذہبی علوم کا ماہر کوئی بھی بن سکتا ہے۔یہ سوچ بھی غلط ہے کہ مسلم اداروں ، تنظیموںپر مسلم اشراف کا قبضہ ہے۔بھارت کے مشہور تعلیمی ادارہ دارالعلوم دیوبند کے موجودہ سربراہ کا تعلق مبینہ مسلمانوں کی برادری سےہے۔ ملک کی قدم تنظیم جمعیۃ علمائے ہند کے پہلے صد ر کا تعلق بھی مسلمانو ں کے انتہائی برادری سے ہے۔یہی صورت حال جماعت اسلامی ہند کا بھی ہے۔تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ چوں کہ بھارت میں مسلمانوں کی اکثریت تبدیلی مذہب کے ذریعہ مسلمان ہوئے ہیں ۔تبدیلی مذہب کے باوجود سماجی حقیقت نہیںبدلی ہے۔مسلمانوں کی کئی پیشہ ور طبقات معاشی عدم مساوات کے شکار ہیں ۔مگر مودی حکومت کا مسلمانوں کی برادری شماری کا فیصلہ نیک نیتی پرمبنی نہیں ہے۔وہ مسلمانوں کو یکساںحقوق فراہم کرنے میں یقین نہیںرکھتے ہیں ۔گزشتہ 11برسوںمیںمودی حکومت نے جس طریقے اقلیتی فنڈ میں کٹوتی کی ہے اور اسکالر شپ کو ختم کیا ہے اس سے مودی حکومت کی منشا واضح ہوتی ہے۔جہاںتک اس سوال کا ہے کہ ذات کی بنیاد پر مردم شماری کا مسلمانوںپر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔سیاسی تجزیہ نگار بتاتے ہیں کہ ذات پر مبنی مردم شماری سے مسلم برادری کے اندر ذاتی تنوع کی شناخت ہوگی۔جو انہیں ایک واحد گروپ کے طور پر دیکھنے والی تصورات کوچیلنج کرے گی۔ پسماندہ مسلم ذاتوں کو اوبی سی یا پھر اکانومک بیک ور ڈ کلاسیس کی فہرست میں شامل کرکے، انہیں تعلیمی اور ملازمت میںریزرویشن کی راہ ہموار کی جاسکتی ہے۔مگر تجزیہ نگار یہ بھی مانتے ہیںکہ سیاسی جماعتیں اس سروے کے ذریعے مسلم برادری کے اندر ذاتی تقسیم بڑھا سکتی ہیں۔مسلم اکائی کا تصور ختم ہوسکتا ہے اور مسلمانوںکے شادی اور سماجی تعلقات بھی متاثر ہوگا۔

    جادو پو ر یونیورسٹی میںسیاسیات کے پروفیسر عبد المتین بتاتے ہیں کہ مسلم سماج کو حقائق اور سماجی ضروریات کا ادراک کرتے ہوئے اس سروے کا خیرمقدم کرنا چاہیے۔سچر کمیٹی اور رنگناتھ مشرا کمیشن نے بھی مسلمانوں کی پسماندہ برادریوںکی نشاندہی کی ہے۔اس لئے اس سے خوفزدہ ہونے کے بجائے اس سروے میں بڑھ چڑھ حصہ لینا چاہیے اور اس کا بھی ادراک کرنے کی ضرورت ہے کہ اس سروے کا فوری طور پر مسلمانوں کو فائدہ ہونے کی امید کم ہے۔ہندتو نظریات کے حاملین سماجی مساوات کے مخالف ہیں ۔وہ مسلمانوں کو حق نہیں دے سکتے ہیں۔مگر یہ سروے رپورٹ مستقبل کی حکمت عملی اور ڈاٹا میںمعاون ثابت ہوگی۔

    پروفیسر و سماجی کارکن آنند تیلٹ مبڈےذات کی بنیاد پر سروے پر آخری تبصرہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں ’’ذات پات کی مردم شماری کے منصوبے کی سب سے بڑی خامی اس کی تکنیکی خامیاں نہیں بلکہ اس کا وژن ہے۔ آج کوئی بھی سیاسی جماعت ہمہ گیر معیاری تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور روزی روٹی کی ضمانتیںفراہم کرنے کا عزم نہیںرکھتی ہے۔جو حقیقی طور پر تمام ذاتوں کے غریبوں کو ترقی دے سکے۔ اگر ہم صحیح معنوں میں ایکویٹی کا مقصد رکھتے ہیں، تو جس چیز کی ضرورت ہے وہ ساختی تبدیلی ہے:الگ الگ رسائی کے ساتھ مفت، عام، اعلیٰ معیار کے پڑوس کے اسکول؛صحت عامہ کا ایک عالمگیر نظام جو سب کے لیے وقار اور رسائی کو یقینی بناتا ہے۔روزگار کی ضمانتوں کے ذریعے زمین اور ذریعہ معاش کی حفاظت، نہ صرف فلاحی ہینڈ آؤٹ۔ان کے بغیر، ذات پات کی مردم شماری محض ایک سیاسی آلہ بن جائے گا۔امبیڈکر کی پیش گوئی ہے کہ’’ آئین کے ذریعہ تشکیل کردہ سیاسی جمہوریت کا ڈھانچہ اس وقت تک صحیح سے قائم نہیںہوسکتا ہے کہ جب تک سماجی اور معاشی جمہوریت کی بحالی نہیں ہوجاتی ہے۔

  •  ذات پر مبنی  مردم شماری پر مصنوعی اتفاق

     ذات پر مبنی  مردم شماری پر مصنوعی اتفاق

    نریندر مودی حکومت نے ذات پر مبنی مردم شماری کے مطالبے کو بادل نخواستہ تسلیم کر لیا ہے، اور اب لگتا ہے کہ "منڈل” کے معاملے پر ایک مصنوعی اتفاق رائے کی تیاری کا اگلا مرحہ قریب ہے۔ حکومت کا یہ فیصلہ "طاقت ور پارٹی کے رویے” کا عکاس ہے، جہاں  وہ پارٹی مخالفین کے پرکشش اور مقبول عام نعروں کو ہڑپ لیتی ہے، سیاسی اور سماجی طور پر متنازعہ معاملے پر اتفاق رائے کا ماحول بناتی ہے اوراپنے اس عمل سے وہ اس معاملے کے انقلابی امکانات کو ختم کر دیتی ہے۔

    "منڈل” کا سفر ہمیشہ سے تنازعات سے گھرا رہا ہے۔ دوسرے پسماندہ طبقات کمیشن کا خیال ایک غیر متفقہ سیاسی ماحول میں سامنے آیا تھا۔ اعلیٰ ذاتوں کی شدید مخالفت کے باوجود او بی سی  کے اندربتدریج قیادت ابھری۔ او بی سی ریزرویشن کو نافذکرنے کے فیصلے کی وجہ سے سماجی اور سیاسی بھونچال آگیا۔ ہنگامہ اس لیے بھی کچھ زیادہ  ہوا کیوں کہ سیاسی سطح پر اس وقت کسی ایک پارٹی کی بالادستی نہیں تھی۔ لیکن رفتہ رفتہ بیشتر سیاسی پارٹیوں کویہ احساس ہوا کہ ریزرویشن پر سیاسی جھگڑوں کے پس پردہ ایک گہری سماجی دراڑ موجود ہے۔ چنانچہ ان پارٹیوں نے او بی سی کے معاملے کو بغیر عملی اقدامات کے سپورٹ کرنے کی حکمت عملی اپنا ئی۔ ریزرویشن کے ذریعے سماجی انصاف کے امکانات کو کمزور کرنے کے لیے ای ڈبلیو ایس (معاشی طور پر کمزور طبقات) ریزرویشن کا قانون بنایا گیا اور پھر عدلیہ سے اس کی توثیق بھی ہوگئی۔ اس  نے سماجی انصاف کے معاملے پر کیے گئے دعوؤں کی سچائی کو ہی مشکوک بنا دیا۔

    گزشتہ کچھ سالوں سے راہل گاندھی ذات پر مبنی مردم شماری اور سماجی انصاف کا نعرہ بلند کر رہے ہیں۔ انہیں امید تھی کہ اس طرح بی جے پی کے لیے مشکل کھڑی کی جاسکتی  ہے اور پسماندہ ذاتوں کو اپنی طرف مائل کیا جا سکتا ہے۔  گرچہ کانگریس نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں پچھلے دو عام انتخابات کی بہ نسبت قدرے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن ذات پر مبنی مردم شماری کے مسئلہ کو اٹھانے کا اسے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ البتہ کانگریس نے بی جے پی کو اس مسئلہ پر اپنے اٹل موقف کے ممکنہ نقصانات کے حوالے سے آگاہ ضرور کردیا۔بی جے پی نے ماضی میں ذات پر مبنی مردم شماری کے خیال کی یہ کہہ کر کہ مخالفت کی تھی کہ یہ ہندو اتحاد کے لیے خطرہ ہے اور اس سے سماجی نظام تباہ ہوجائےگا۔ لیکن شاید پارٹی نے محسوس کیا کہ اس معاملے نے سماج میں ہلچل پیدا کر دی ہے۔ اگرچہ یہ ہلچل کانگریس یا اس کے اتحادیوں کو بہار اور یو پی میں فائدہ نہیں پہنچا سکی، لیکن یہ بی جے پی کے ہندو اتحاد کے تصور کے لیے خطرہ ضرور تھی۔ مسلم مخالف پراپیگنڈا اور ہندوتوا کی سیاست کی وجہ سے او بی سی ووٹرز کی ایک بڑی تعداد تو بی جے پی کے خیمے میں آگئی ہے لیکن ان کی مادی اور سماجی حالت ہندوتوا کی ہم آہنگی میں خلل ڈال سکتی ہے۔

    لہذا بی جے پی کے لیے او بی سی اور ذات کے معاملے کو اٹھانا ان کی مجبوری بن گئی۔ وزیر اعظم مودی نے کئی مواقع پر تقریر کرتے ہوئے سامعین کی توجہ  اپنی ذات کی طرف مبذول کرائی۔ بی جے پی نے یہ بھی یاد دلایا کہ کانگریس نے سیتارام کیسری کو کیسے نظر انداز کیا تھا۔ دوسرے الفاظ میں بی جے پی کو احساس تھا کہ ذات سے متعلق سماجی تبدیلی کے لیے او بی سی کے حق میں بیانیہ درکار ہے۔لہذا کچھ ادھورے اقدامات کے بعداب بی جے پی نے بغیر کسی عملی اقدامات کے اس معاملے کو علامتی طور پر اپنا لیا ہے اور یہ کوئی غیر متوقع بات نہیں ہے۔

    اس طرح کے مواقع میں ایک مضبوط پارٹی عام طور پر دو کام کرتی ہے: وہ مخالفین کے ایشوز ہتھیا لیتی ہے اور متنازعہ معاملات کو مصنوعی اتفاق رائے میں بدل کر انہیں کمزور کر دیتی ہے۔ ذات پر مبنی مردم شماری کے فیصلے کے ساتھ بی جے پی نے یہی کیا ہے۔ لہذا اس معاملے پر اچانک ملکی سطح پر اتفاق رائے نظر آنے لگا ہے۔ اس مصنوعی اتفاق رائے سے یہ امید پیدا ہو چلی ہے کہ ذات سے جڑے اہم سوالات—جیسے ظلم، امتیاز اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم—پر بھی جلد توجہ دی جائے گی، کیوں کہ تمام پارٹیاں اب مردم شماری کی ضرورت کو تسلیم کر چکی ہیں۔

    لیکن ہمیں ایک اور تلخ حقیقت  کابھی سامنا ہے۔ ذات کو اگلی مردم شماری میں شامل کرنے کے اعلان نے مؤثر طور پر سماجی ناانصافی کی جڑ کو تسلیم کرنے اور پالیسی سازی میں ذات کے عنصر کو شامل کرنے کے بارے میں سنجیدہ بحث کو ملتوی کر دیا ہے۔کانگریس شاید بھول چکی ہے لیکن یو پی اے کے دور میں کمیشن برائے مساوی مواقع(Equal Opportunity Commission)  کا خیال زیر بحث تھا، جس کا کام عدم مساوات سے متعلق سفارشات دینا تھا۔ آج ذات پر مبنی مردم شماری کے شور میں اس ادارہ جاتی اقدام کا کوئی ذکر بھی نہیں کیا جارہا ہے۔ یہی غالب پارٹی کی سیاست کی پہچان ہے—یہ نئے اور انقلابی پالیسی اختیارات کے امکانات کو معدوم کر دیتی ہے۔

    اب سوال یہ ہے کہ بی جے پی  کے ذریعہ ذات پر مبنی مردم شماری کو اپنانے کا کیا نتیجہ برآمد ہو گا؟

    پہلی بات یہ ہے کہ یہ قدم کانگریس کو نہ صرف خودفریبی یا حد سے زیادہ خود اعتمادی  میں مبتلا کرے گا، بلکہ اس مسئلے سے اس کی دلچسپی بھی کم ہو جائے گی۔ اس وقت بھی یہ واضح نہیں کہ پارٹی کی بنیادی سطح پر اس معاملے میں کتنی دلچسپی ہے۔ اب جب کہ اس معاملے سے حاصل ہونے والا سیاسی فائدہ بہت معمولی رہ گیا ہے، تو ممکن ہے کہ کانگریس اس پر الجھن کا شکار نظر آئے۔اپوزیشن سے اہم مسائل کو چھین لینا غلبے کے نظام کا حصہ ہے اور غالباً کانگریس ہی اس کی شکار بنے گی۔

    دوسرے  یہ کہ یہ واضح نہیں کہ اگلی مردم شماری (جو 2020-21 میں ہونی تھی) کب ہوگی۔ اوراس طرح کے معاملات میں تفصیلات ہی اہم ہوتی ہیں—مثال کے طور پر  مردم شماری میں ذات سے متعلق کون کون سے سوالات پوچھے جائیں گے؟ کیا یہ عام مردم شماری کا حصہ ہوگا یا الگ سے کیا جائے گا، جیسا کہ 2011 میں یو پی اے نے کیا تھا؟ نیز، ذات اور پیشے سے متعلق اعداد و شمار کب تک پالیسی سازی کے لیے دستیاب ہوں گے؟

    اس اعلان کا یہ بھی مطلب ہے کہ بہار، تلنگانہ اور کرناٹک جیسی ریاستوں کے ذریعے جمع کیے گئے ذاتوں کے اعداد و شمار پر کوئی عمل نہیں ہوگا۔ یہ تفصیلات طے کریں گی کہ آیا یہ مردم شماری حقیقی ہوگی یا محض دکھاوے کے لیے۔

    تیسرے، کیا سیاسی جماعتیں اصلی اعداد و شمار کا انتظار کیے بغیر سماجی انصاف کے طریقوں پر غور کریں گی؟ راہل  گاندھی کا "حصہ داری” کا نظریہ پرکشش ضرور ہےلیکن یہ نہ صرف نظریاتی طور پر مسئلہ پیدا کرتا ہے، بلکہ چھوٹی برادریوں کے مسائل کا کوئی حل پیش نہیں کرتا، جو تناسب کے اصول پر مبنی پالیسی میں اپنا حصہ حاصل کرنے سے قاصر رہیں گی۔

    اس کے علاوہ سب سے اہم بات یہ کہ اس مصنوعی اتفاق رائے کے پیچھے دو ایسےگروہ موجود ہیں جو وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کو تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کو روکنے کی کوشش کریں گے۔ اور وہ دو گروہ اعلیٰ ذاتوں کے لوگ اور ہر ریاست میں پسماندہ (اور شیڈولڈ) ذاتوں کی بڑی برادریاں ہیں۔

    ایسا لگ رہا ہے کہ کانگریس میں ان رکاوٹوں کا مقابلہ کرنے کی طاقت نہیں اور نہ ہی بی جے پی میں سماجی انصاف کی راہ ہموار کرنے کی خواہش۔ یہی اس "مصنوعی اتفاق رائے” کی حقیقت اور حد ہے۔

  •  قومی سلامتی کے پاسبان یا۔۔۔

     قومی سلامتی کے پاسبان یا۔۔۔

    پہلگام میں سیاحوں کی ہلاکت اور پھر اس کے بعد ہندوستان اور پاکستان کی فوجی معرکہ آرائی، جو تقریباً باضابطہ جنگ کے قریب آن پہنچی تھی کے بعد پانچ گروپوں میں ہندوستانی پارلیامنٹ کے 59 اراکین دنیا کے مختلف ممالک میں پاکستانی بیانیہ کا توڑ کرنے کی مہم پر نکل پڑے ہیں۔ملک میں گو کہ آج کل مسلمانو ں کا قافیہ تنگ ہے، مگر بھلا ہو پاکستان کے ساتھ تصادم کا، اس قافلہ میں 11 مسلمانوں کو شامل کردیا گیا ہے، یعنی 18.64فیصد۔ کاش دیگر شعبہ ہائے زندگی میں بھی ان کا یہی تناسب ہوتا۔

    خیر ہندوستان میں نرسمہا راؤ سے لےکر منموہن سنگھ کی وزارت اعظمیٰ کے ادوار، جو میں نے بطور صحافی کور کیے ہیں، بتایا جاتا تھا کہ علیٰ الصبح خفیہ ایجنسیوں داخلی ایجنسی انٹلی جنس بیورو اور بیرون ایجنسی ریسرچ اینڈ انالیسیز ونگ یعنی راء کے سربراہان یا ان کے نمائندے وزیر اعظم کو باالترتیب آدھے گھنٹے کی بریفنگ دیتے ہیں۔وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی ناشتہ کرنے سے قبل وزیر اعظم ہاؤس کے سر سبز لان میں چہل قدمی کرتے تھے اور اسی دوران ہی بریفنگ لیتے تھے۔ ان کو اس دن  ہونے والے داخلی اور بین الاقوامی سطح پر رونما ہونے والے واقعات کے بارے میں جانکاری دی جاتی تھی۔اس کے علاوہ وزیر اعظم کو اس روز جن افراد سے ملنا ہوتا تھا، وہ کون سے ایشو اٹھانے والے ہیں،  وہ بھی ان کو قبل از وقت بتایا جاتا تھا، تاکہ وہ پوری طرح تیار رہیں۔ اس پوری انفارمیشن کے بعد ہی وزیر اعظم اپنا دن شروع کرکے پھر اپنے عملہ کی میٹنگ لےکر احکامات دیتے تھے۔ اگر وہ بیرون ملک دورہ پر ہوں، تب بھی ان ایجنسیوں کے نمائند ے جو ان کے ہمراہ ہوتے ہیں، ان کو اسی طرح صبح بریف کرتے ہیں۔

    مگر2014کے بعد سے جب وزیر اعظم نریندر مودی برسراقتدار آئے، تو یہ سارا  انتظام ہی گڑ بڑ ہوگیا ہے۔ سیکورٹی کے معاملوں پر اب وہ صرف قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوبھال، وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر خارجہ جے شنکر سے ہی براہ راست بریفنگ لیتے ہیں۔ یہ تکڑی ہی اس وقت ہندوستان کی قومی سلامتی کی ضامن ہے۔ اب یہ افراد قومی سلامتی کو کس نظریہ سے دیکھتے ہیں، اس کا تجزیہ کرنا ضروری ہوجاتا ہے۔مجھے یاد آرہا ہے کہ ایک بار ہم نیوز رومز میں تفریح کے طور پر امت شاہ(،جو ان دنوں جیل میں اور بعد میں تڑی پار کردیے گئے تھے)کے وزیر داخلہ بننے کی پیشین گوئی کرکے ہنسی اڑاتے تھے۔ کسے معلوم تھا کہ 2019میں یہ مذاق بالکل حقیقت کا روپ اختیار کرلے گا۔

    اپنی دوسری مدت میں بھاری اکثریت حاصل کرنے کے بعد وزیر اعظم مودی نے جہاں کیریئر ڈپلومیٹ سبرامنیم جے شنکر کو وزیر خارجہ مقرر کیا، وہیں وزارت داخلہ کا اہم قلمدان اپنے دست راست امت شاہ کے سپرد کرکے پیغام دیا کہ وہی حکومت میں نمبر دو ہیں۔گو کہ سرکاری طور پر ابھی بھی راج ناتھ سنگھ ہی کابینہ کے اجلاسوں میں وزیر اعظم کے دائیں طرف بیٹھتے ہیں، جو نمبر دو پوزیشن کے لیے وقف ہوتی ہے، مگر اہم معاملوں میں ان سے خال خال ہی مشورہ کیا جاتا ہے۔

    جب وہ مودی کی پہلی حکومت میں وزیر داخلہ تھے تو جموں و کشمیر میں محبوبہ مفتی کی حکومت سے بی جے پی کے ہاتھ کھینچنے کی جانکاری ان کو  ٹی وی سے ہی معلوم ہوئی، جب بی جے پی ہیڈ کوارٹر میں رام مادھو نے  پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس سے بس چند گھنٹہ قبل ہی اپنی رہائش گاہ پر دہلی میں کشمیر بیٹ کور کرنے والے صحافیوں پر زور دے رہے تھے کہ کشمیر میں محبوبہ مفتی حکومت کے ہاتھ مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

    مودی اور امت شاہ کی جوڑی کا رشتہ 35سال پرانا ہے۔ 2001میں مودی کے گجرا ت کے وزیر اعلیٰ بننے کی راہ کو آسان کرنے کے لیے شاہ نے پارٹی میں ان کے مخالفین ہرین پانڈیا اور کیشو بائی پاٹل کو ٹھکانے لگانے میں اہم رول ادا کیا۔ ہرین پانڈیا کو تو قتل کیا گیا۔گجرات میں شاہ کو وزارت داخلہ کا قلمدان دیا گیا تھا۔ ان کا دور وزارت کئی پولیس انکاونٹروں کے لیے یاد کیا جا تا ہے۔ قومی تفتیسی بیورو نے تو ان کو سہراب الدین اور ان کی اہلیہ کوثر بی کے قتل کیس میں ایک کلیدی ملزم ٹھہرایا تھا ۔اس کے علاوہ 19سالہ عشرت جہاں کے اغوا اور بعد میں قتل کے الزام میں بھی ان کے خلاف تفتیش جاری تھی۔سال 2013میں ان کی ایک ریکارڈنگ میڈیا میں آئی تھی، جس میں وہ ایک دوشیزہ کا فون ٹیپ کرنے اور اس کی نگرانی کرنے کی ہدایت دے رہے تھے۔ وہ دوشیزہ ان کے باس کو پسند آگئی تھی۔

    سال 2014کے عام انتخابات میں مودی نے شاہ کو سب سے اہم صوبہ اتر پردیش کا انچارج بنایا تھا، جہاں اس نے بی جے پی کوسب سے زیادہ سیٹیں دلا کر پارٹی کے لیے اقتدار کی راہ ہموار کر دی تھی۔اس کامیابی کے بعد ان کو پارٹی کا صدر بنایا گیا۔شیو سینا کے رہنما اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے راوت نے حال ہی میں مراٹھی زبان میں شائع اپنی کتاب ‘نرکتلہ سوارگ’ میں دعویٰ کیا ہے کہ سابق مرکزی وزیر اورنیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار اور شیوسینا کے سربراہ آنجہانی بال ٹھاکرے نے مودی اور امیت شاہ کو قانونی چنگل سے بچایا تھا۔

    راوت لکھتے ہیں کہ جب 2004 میں نئی دہلی میں کانگریس کی قیادت میں قومی جمہوری اتحاد کی حکومت قائم ہو گئی تھی تو طے کیا گیا تھا کہ گجرات کے 2002کے مسلم کش فسادات کے سلسلے میں مودی پر قانونی شکنجہ کسا جائے۔ مگر شرد پوار جو اہم مرکزی وزیر تھے، نے وزیراعظم منموہن سنگھ کو بتایا کہ ایک منتخب وزیر اعلیٰ کو جیل میں ڈالنا درست نہیں ہوگا۔ ویسے میری اطلاع کے مطابق کانگریس صدر سونیا گاندھی کے مشیر احمد پٹیل، جو خود بھی گجرات سے تعلق رکھتے تھے، نے بھی مودی کے خلاف کارروائی کی مخالفت کی تھی اور کہا تھا کہ ان سے سیاسی طور پر ہی نپٹنا چاہیے۔

    راوت کے مطابق مرکزی تفتیشی ایجنسیاں شاہ کے خلاف تحقیقات کر رہی تھیں۔ ان کو استعفیٰ دینا پڑا تھا اوروہ ضمانت پر تھے۔ عدالت نے گجرات میں ان کے رہنے پر پابندی لگائی ہوئی تھی۔ یعنی ان کو تڑی پار کر دیا گیا تھا۔تفتیشی ایجنسیاں ان کی ضمانت کی مخالفت کر رہی تھی اور ان میں ایک افسر مہاراشٹر کا تھا۔ امت شاہ اپنے بیٹے جےشاہ، جو اس وقت کرکٹ بورڈ کے سربراہ ہیں کی انگلی پکڑ کر ٹھاکرے کی رہائش گاہ ماتو شری پہنچے، مگر ان کو ملاقات نہیں دی گئی۔

    انہوں نے ماتو شری کے باہر شیو سینا کے کارکنان کو بتایا کہ وہ گجرات اسمبلی کے رکن ہیں  اور ان کا ٹھاکرے سے ملنا ضروری ہے۔ خیر کئی روز کی تگ و دو کے بعدجب وہ ٹھاکرے کے روبرو اپنا دکھڑا سنا کر اپنے ہندو ہونے اور ہندوؤں کا ساتھ دینے کی دہائی دے رہے تھے، تو شیو سینا کے سربراہ نے سابق وزیرا علیٰ منوہر جوشی کے فون سے کسی سے بات کرکے ان کی مشکل آسان کردی۔ بقول راوت ٹھاکرے نے اس شخص کو بتایا؛”کہ آپ کسی بھی کرسی پر بیٹھ سکتے ہیں لیکن یہ مت بھولنا کہ آپ ہندو ہیں۔“اس ایک کال سے ان کے خلاف کیسز کی رفتار سست ہوتی گئی۔ مگر راوت کا کہنا ہے کہ شاہ نے اس کا بدلہ اس طرح چکایا کہ بال ٹھاکرے کی شیو سینا کے ان کی وفات کے بعد دو ٹکڑے کروادیے۔

    اسی طرح قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے اپنے کیریرکے دوران پنجاب میں سکھ انتہا پسندی سے نمٹنے اور اسلام آباد میں خفیہ ایجنسی ‘را‘ کے انڈرکور ایجنٹ کے طور پرکئی سال کام کرنے کی وجہ سے اپنا ہدف ہی پاکستان کو نیچا دکھانا بنایا ہے۔ان کے ایک فرزند اسلام آباد میں ہی پیدا ہوئے اور کئی برس تک ان کے پاس پاکستانی پاسپورٹ تھا۔

    ہندوستان کے ایک نامور تفتیشی صحافی جوزی جوزف نے  اپنی کتاب اے فیسٹ آف ولچرمیں انکشاف کیا ہے کہ جولائی 2005ء میں دہلی اور ممبئی پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے جب ایک بدنام زمانہ گینگسٹر وکی ملہوترا کا پیچھا کرتے ہوئے بالآخر اس کو گھیر لیا تو اس کی کار میں اسلحہ کی کھیپ تو تھی ہی مگر ان کی حیرت کی کوئی حد نہ رہی جب گینگسٹرکے ساتھ کار کی پچھلی سیٹ پر حال ہی میں انٹلی جنس بیورو کے چیف کے عہدے سے ریٹائر ہونے والے اجیت ڈوبھال بھی براجمان تھے۔یہ واقعہ دبا دیا گیا مگر معلوم ہوا کہ ڈوبھال ریٹائر ہونے کے باوجود چھوٹا راجن گینگ کے ساتھ مل کر ایک آپریشن پرکام کر رہے تھے جس کو کراچی میں انجام دینا تھا۔

    اس تکون کے تیسرے اہم فرد  وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر ہیں۔ وہ ہندوستان  کے اسٹریٹجک امور کے معروف  ماہر آنجہانی آر سبرامنیم کے صاحبزادے ہیں۔ انہوں نے 1977میں خارجہ آفس جوائن کیا۔معروف دفاعی تجزیہ کار بھارت کرناڈ کے مطابق ان کی کابینہ میں شمولیت سے ہندوستان کا امریکی پٹھو ہونے کا آخری پردہ بھی چاک ہو گیا۔ ریٹائرمنٹ کے فوراً بعد ہی جے شنکر نے کارپوریٹ گروپ ٹاٹا کے بیرون ملک مفادات کے ڈویژن کے سرابراہ کا عہدہ سنبھالا۔ بتایا جاتا ہے کہ 1980میں واشنگٹن میں ہندوستانی سفارت خانہ میں پوسٹنگ کے دوران ہی امریکی انتظامیہ نے ان پر نظر کرم کی بارش شروع کر کے ان کی ایک دوست کے روپ میں شناخت کی تھی اور بعد میں ان کے کیریئر کو آگے بڑھانے میں بلاواسطہ طور پر خاصی مدد کی۔

    منموہن سنگھ نے جب ان کو امریکہ ڈیسک کا انچارج مقرر کیا تو جوہری معاہدہ کو انجام تک پہنچانے میں امریکہ نے خاصی رعایت سے کام لیا۔ اس کے عوض سنگھ نے ان کو 2013 میں سکریٹری خارجہ بنانے کا من بنا لیا تھا۔ آف دی ریکارڈ بتایا گیا تھا کہ اگلے سکریٹری خارجہ جےشنکر ہوں گے۔ شاید ان کی تقرری آخری مراحل میں تھی کہ کانگریسی حکومت کے کئی وزراء جن میں کپل سبل اورآنند شرما شامل تھے، نے شور مچایا کہ ایک امریکہ نواز افسر کو اس اہم ذمہ داری دینے کا ہندوستان کیسے متحمل ہوسکتا ہے۔

    سونیا گاندھی کی مداخلت کی وجہ سے ان کی تقرری رک گئی اور ان کی جگہ سجاتا سنگھ کو خارجہ سکریٹری بنایا گیاا ور ان کو امریکہ میں بطور سفیر تعینات کیا گیا۔ اس کے لیے انہوں نے ابھی تک گاندھی خاندان کو معاف نہیں کیا ہے۔امریکہ میں سفیر کے ہوتے ہوئے انہوں نے مقامی ہندوستانی نژاد افراد کو جمع کرکے نئے وزیر اعظم مودی کا استقبال کرواکے ان کا دل جیت لیا۔ ان کے دور میں ہندوستان نے امریکہ کے ساتھ دو اہم معاہدوں پر دستخط کیے، جن میں امریکی  افواج کو خطے میں لاجسٹکس فراہم کرنا اور فوجی اطلاعات کوڈز کا تبادلہ شامل ہیں۔

    کرناڈ کے مطابق ان معاہدوں کے ڈرافٹ ہندوستانی خارجہ آفس کے بجائے واشنگٹن سے ہی تیار ہو کر آئے تھے۔ شاید جے شنکر کے امریکی دوست ان کا بوجھ کم کرنا چاہتے تھے۔ 2015 میں امریکی صدر اوبامہ کے دورے کے فوراً بعد ہی مودی نے سجاتا سنگھ کو معزول کرکے جے شنکر کو خارجہ سکریٹری بنایا، جب ا ن کی ریٹائرمنٹ کا شاید ایک ہی دن بچا تھا۔

    وکی لیکس کے مطابق دوران ملازمت وہ انتہائی حساس معلومات امریکہ کے ساتھ شئیر کرتے تھے۔ ایک بار امریکی عہدیداروں کے ساتھ ملاقاتوں میں ہندوستانی موقف کی جانکاری خارجہ سکریٹری شیام سرن کے واشنگٹن پہنچنے سے قبل ہی امریکی انتظامیہ کو مل چکی تھی۔ وکی لیکس کے مطابق یہ جانکاری جے شنکر نے فراہم کی تھی۔ مگر سب سے زیادہ ہوشربا معلومات بیجنگ میں امریکی سفارت خانہ نے واشنگٹن بھیجی۔ اس میں بتایا گیا کہ چین میں ہندوستان کے سفیر جے شنکر نے چین کے ہمسایہ ممالک کے تئیں جارحارنہ رویہ کو لگام دینے کے لیے امریکہ کی معاونت کرنے کی پیشکش کی ہے۔ یعنی ایک طرح سے وہ بیجنگ میں ہندوستانی حکومت کے بجائے امریکہ کے ایک معاون کے طور پر کام کر رہے تھے۔

    ایک اور کیبل میں اپریل 2005میں رابرٹ بلیک لکھتے ہیں کہ گوانٹنامو بے کے معاملے پر ہندوستان، جنوبی ایشیائی ممالک کاساتھ نہیں دےگا، جنہوں نے اقوام متحدہ میں ووٹنگ میں حصہ نہ لینے کا مشترکہ فیصلہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ جے شنکر نے ایک  نان پیپر امریکی انتظامیہ کو تھما دیا تھا، جس میں تھائی لینڈ کے ایک سیٹلائٹ کی جانکاری تھی، جو ہندوستانی راکٹ کے ذریعے مدار میں جانے والا تھا۔

    دراصل ہندوستان میں اس وقت زمام کار ایڈونچر پسند افراد کے پاس ہے جو مقصد اور نتائج کی پروا کئے بغیر کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔حکومت چلانے کے لئے تدبر،تحمل اور معاملہ فہم ہونے کی ضرورت ہوتی ہے۔ مہم جوئی فوج اور انٹلی جنس میں تو درست ہے مگر اعلیٰ سیاسی عہدوں میں اس طرح کا مزاج خطرناک ہوتا ہے۔سیاسی قیادت ایسے افراد سے صلاح و مشورہ کرسکتی ہے، ان سے اطلاعات لے سکتی ہے، مگر حتمی فیصلہ اپنی معاملہ فہمی، سوجھ بوجھ اور اس کے وسیع تر مضمرات کو نظر میں رکھ کر ہی کرنے کی ضرورت ہے۔

  • پہلگام کے مجرم کب پکڑے جائیں گے؟

    پہلگام کے مجرم کب پکڑے جائیں گے؟

    پہلگام حملے  کو اب ایک ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزرچکا ہے۔لیکن اب تک اس وحشیانہ حملے کے مجرم قانون کی گرفت سے آزاد ہیں جب کہ وزیراعظم اور وزیردفاع نے کہا تھا کہ وہ ان مجرموں کو زمین کی تہہ سے بھی نکال لائیں گے، لیکن قومی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کی تمام ترکوششوں کے باوجود ابھی تک انھیں گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے۔ پانچ مجرموں میں سے تین کی شناخت پاکستانی دہشت گردوں کے طورپر کی گئی ہے اور ان کے سرپر بیس بیس لاکھ کا انعام بھی رکھا گیا ہے۔لیکن سیکورٹی ایجنسیوں کی تمام کوششوں کے باوجود یہ مجرم ابھی تک آزادہیں۔سبھی جانتے ہیں کہ پہلگام میں سیاحوں پر کیا گیا حملہ انتہائی وحشیانہ اور بزدلانہ تھا ، جس میں 26؍بے گناہ لوگوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا گیاتھا۔یہ وہ بے گناہ لوگ تھے جو کشمیر کی خوبصورت وادیوں سے لطف اندوز ہونے یہاں آئے تھے۔ انھیں کیا پتہ تھا کہ واپس ان کی لاشیں ہی جائیں گیں۔یہ حملہ اتنا وحشیانہ تھا کہ اس کے خلاف پورے ملک میں غم وغصے کی شدید لہر دوڑ گئی ۔حکومت ہند نے پورے جوش وخروش کے ساتھ پہلگام کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے اور ان کے آقاؤں کو سبق سکھانے کی بات ایک سے زائد بار کہی تھی۔

    ہندوستان نے اس دہشت گردانہ کارروائی کے لیے پاکستان کو موردالزام ٹھہرا کر اتنے سخت قدم اٹھائے جو اس سے پہلے کبھی نہیں اٹھائے گئے تھے۔دونوں ملکوں کی سرحدیں ہی ایک دوسرے کے باشندوں کے لیے بند نہیں کی گئیں بلکہ فضاؤں پر بھی پہرے بٹھا دئیے گئے۔ دونوں ملکوں میں ایک دوسرے کے سفارتکاروں کی تعداد محدود تر کردی گئی ۔ تمام قسم کی تجارت روک دی گئی۔ شملہ سمجھوتہ منسوخ کردیا گیا۔ سندھ طاس آبی معاہدہ منسوخ کرکے پاکستان کے حصے کا پانی روک لیا گیا ۔ غرض یہ کہ دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کے خلاف جو بھی قدم اٹھائے وہ اتنے سخت تھے کہ اس کی کوئی نظیر ماضی میں نہیں ملتی۔

    ہندوستان نے پہلگام حملے کا انتقام لینے کی بات کہی اور فوج کو یہ اختیار دیا گیا کہ وہ اپنی سہولت کے حساب سے مقام اور وقت کا تعین کرے۔ لہٰذا فوج نے پوری تیاری کے ساتھ پاکستان میں ان ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جہاں خفیہ اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں کے ٹریننگ کیمپ واقع تھے۔ ہندوستان کا دعویٰ ہے کہ اس نے دہشت گردی کے خلاف اپنی اس مہم کے دوران 9 ٹھکانوں پر حملے کرکے کم وبیش100؍افرادکو تہہ تیغ کردیا۔ اسے ’’آپریشن سندرو‘‘ کا نام دیا گیا تھا تاکہ ان بیواؤں کو سکون پہنچایا جاسکے جن کے شوہروں کو پہلگام میں تہہ تیغ کیا گیا تھا۔

    "آپریشن سندور”سے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی اتنی بڑھی کہ دونوں جنگ کے دہانے تک پہنچ گئے۔ جب صورتحال قابو سے باہر ہونے لگی تو بقول صدرٹرمپ انھوں نے دونوں کو جنگ بندی پر آمادہ کیا ۔حالانکہ اس بات پر اختلاف ہے ، لیکن اتنا ضرور ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان کوئی تیسری طاقت ضرور تھی جس نے دونوں کو عقل کے ناخن لینے کی صلاح دی۔ دراصل برصغیر کے یہ دونوں پڑوسی ممالک ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ہیں اور دونوں کے درمیان کشیدگی کا مطلب محض دوپڑوسیوں کے درمیان کی کشیدگی نہیں ہے۔ اگر خدانخواستہ بات جوہری ہتھیاروں تک پہنچی تو اس کی زد میں پوری دنیا آجائے گی۔ یوں بھی دونوں ہی ملک غربت، افلاس اور بھکمری سے لڑرہے ہیں ۔ اس حالت میں کوئی بھی جنگ کا بوجھ برداشت کرنے کے لائق نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پوری دنیا نے اس محاذآرائی کو روکنے کی اپیل کی۔

    یہاں سب سے بڑاسوال یہ ہے کہ22؍اپریل کے حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کے لیے اب تک جو کوششیں کی گئی ہیں، ان کا کیا نتیجہ برآمد ہوا ہے۔ سبھی جانتے ہیں کہ این آئی اے نے ابتدائی مرحلے میں ہی مقامی پولیس سے تفتیش اپنے ہاتھ میں لے لی تھی۔ اس نے تین ہزار سے زیادہ افراد کو پوچھ تاچھ کے لیے حراست میں لیا اور ان میں سے سو سے زائد کوگرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا ،مگر پھر بھی اس اعتبار سے قومی تحقیقاتی ایجنسی کے ہاتھ خالی ہیں کہ وہ ابھی تک ایک بھی مجرم کو نہیں پکڑ سکی ہے۔ حالانکہ حملہ آوروں کے نہ صرف اسکیچ جاری کئے گئے بلکہ ان کی تصویریں بھی عام کی گئیں اور ان کے سروں پر بیس بیس لاکھ روپے انعام کا بھی اعلان کیا گیا ۔کانگریس نے 22؍اپریل کے حملے کے لیے وزیرداخلہ امت شاہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انھیں اس کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

    قابل ذکر بات یہ ہے کہ پہلگام کے جس مقام پر یہ حملہ کیا گیا وہ پاکستان کی سرحد سے چارسو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔یہ بات سبھی جانتے ہیں کہ وادی کشمیر میں چپے چپے پر سیکورٹی فورسز تعینات ہیں اور ہر قسم کی نقل وحرکت پر خفیہ ایجنسیوں کی نظر ہے۔ اس کے علاوہ سیکورٹی ایجنسیوں کا اپنا جاسوسی نظام بھی سرگرم ہے ۔ اس سب کے باوجود دہشت گرد اپنا کام کرنے میں کامیاب کیوں ہوجاتے ہیں۔ یہی سب سے بڑاسوال ہے۔ ایک سوال یہ بھی ہے کہ پہلگام کی بیسرن ویلی میں جب دہشت گردوں نے حملہ کیا تو وہاں سیاحوں کی سیکورٹی کا کوئی انتظام کیوں نہیں تھا۔  بتایا جاتا ہے کہ بیسرن ویلی میں دہشت گردانہ حملے کے وقت سیکورٹی یا پولیس کا ایک جوان بھی تعینات نہیں تھا۔

    22؍اپریل کو دہشت گردوں نے جنگل کی طرف سے آکر سیاحوں پر گولیاں برسائیں اور پھر بڑے اطمینان کے ساتھ جنگلوں میں روپوش ہوگئے ۔ انھیں شاید اس بات کا اندازہ تھا کہ بیسرن ویلی میں سیکورٹی کا کوئی انتظام نہیں ہے۔تبھی وہ اتنے اطمینان سے اپنا کام انجام دے کر واپس چلے گئے ۔ اب سیکورٹی فورسز ان کی تلاش میں سرگرم ہیں۔ کئی سرچ آپریشن ہوچکے ہیں، لیکن قصوروار ابھی تک سیکورٹی فورسز کی دسترس سے دور ہیں۔ جانچ میں تین نام سامنے آئے ہیں ۔ عادل، موسیٰ اور علی۔ ان تینوں پر ہی بیس بیس لاکھ کا انعام رکھا گیا ہے۔ ظاہر ہے انعام کی اتنی بڑی رقم حاصل کرنے کے لیے مقامی باشندے بھی سرگرم ہوں گے، لیکن حملہ آور ابھی تک سیکورٹی ایجنسیوں کی دسترس سے دور ہیں۔

    دہشت گردوں تک پہنچنے میں ناکامی کے حوالے سے تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ وہ دو یا تین  ئ’’اوورگراؤنڈ‘‘ ورکرز سے ہی رابطے میں ہیں، جو انھیں ضروری سامان پہنچا رہے ہیں ۔ اتنے کم لوگوں سے رابطے میں ہونے کی وجہ سے ان تک پہنچنا یا ان کا پتہ لگانا مشکل ہورہا ہے ۔ تفتیش کاروں کے مطابق اس بات کا امکان ہے کہ دہشت گرد جنگلوں، غاروں یا خفیہ ٹھکانوں میں چھپے ہوئے ہوں کیونکہ رہائشی علاقوں میں بنائے گئے خفیہ ٹھکانوں سے خبر کے افشاں ہونے کا امکان موجود رہتا ہے۔

    واضح رہے کہ وزارت داخلہ کی ہدایت پر 27؍اپریل کو این آئی اے نے پہلگام حملے کی جانچ باضابطہ طورپر اپنے ہاتھ میں لی تھی۔ اس جانچ کے سربراہ سدانند داتے نے خود پہلگام کی بیسرن ویلی میں پہنچ کر تفتیش کا آغاز کیا تھا اور اس کیس کی مسلسل نگرانی کررہے ہیں ۔ این آئی اے کی ایک ٹیم اب بھی پہلگام اور آس پاس کے علاقوں میں مسلسل تفتیش کررہی ہے۔ اب تک جن تین ہزار سے زائد افراد سے پوچھ تاچھ کی گئی ہے، ان میں سے کئی کو روزانہ پہلگام پولیس اسٹیشن میں حاضری دینے کے لیے طلب کیا جاتا ہے۔

    یہاں سب سے بڑاسوال یہ ہے کہ جب ہماری سیکورٹیاں ایجنسیاں جموں وکشمیرمیں سرگرم  دہشت گردوں کے منصوبوں کو ناکام کرنے کے لیے ہروقت ہائی الرٹ پر رہتی ہیں تو پھر کیا وجہ ہے کہ دہشت گرد اپنا کام کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔ اتنا ہی نہیں وہ موقعہ واردات سے آسانی کے ساتھ فرار بھی ہوجاتے ہیں۔ سبھی جانتے ہیں کہ وادی کشمیر کی نازک صورتحال کے سبب ہندوستانی سیکورٹی ایجنسیاں حددرجہ چاق وچوبند ہیں۔ کشمیر میں دہشت گردوں کی نقل وحمل کا پتہ لگانے کے لیے ملکی خفیہ نظام کے علاوہ اسرائیل سے حاصل شدہ انتہائی سرگرم خفیہ آلات بھی کام کررہے ہیں۔ ہندوستان کشمیر کے معاملے میں اسرائیل سے خفیہ اطلاعات کی فراہمی میں غیر معمولی تعاون کررہا ہے۔ حالیہ ’’آپریشن سندور ‘‘ کے دوران بھی اسرائیل نے ہندوستان کی بہت مدد کی ہے ، لیکن اس سب کے باوجود دہشت گرد اپنا خونی کھیل کھیلنے میں کیسے کامیاب ہوئے ۔ یہ ایک اہم سوال ہے جس کا جواب بہرحال ملک کے عوام کو ملنا چاہئے۔اسی پر مستقبل کے تحفظ کا دارومدار بھی ہے۔

  • آپریشن سندور اور بھارت کی ناکام خارجہ پالیسی

    آپریشن سندور اور بھارت کی ناکام خارجہ پالیسی

     

     

     

     

    پاکستان کے خلاف آپریشن سندور اپنے اہداف میں کہاں تک کامیاب ہوا، یہ بحث کا موضوع ہے لیکن اس نے  ملک کی خارجہ پالیسی کو پوری طرح بے نقاب کردیا جو کسی  المیہ سے کم نہیں۔ ایک عرصہ سے وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں انڈیا کے وشو گرو  بننے کا آوازہ  ہر سو سنائی دیتا تھا مگر جب  پہلگام دہشت گردانہ حملہ ہوا اور اس کے جواب میں  انڈیا نے فوجی کارروائی کی تو وہ اس حوالے سے پوری دنیا میں یک و تنہا نظر آیا ۔  اس پر مزید ستم ظریفی  یہ کہ ( مودی کے )  ’’مائی ڈیئر  فرینڈ ‘‘ ڈونلڈ ٹرمپ  نے دست شفقت کے بجائے دست درازی کا سلسلہ شروع کردیا۔  چنانچہ  مرتا  کیا نہ کرتا کے مصداق  دنیا کے 33 ملکوں میں سات وفود روانہ کرنا پڑے۔

    یہ بات ریکارڈ پر  ہے کہ وزیراعظم نے وشو گرو بننے کی تمنا  میں گزشتہ 11 سالوں میں   89 بیرونی اسفار  کئے،   جن میں 72ممالک شامل ہیں۔ اس پر عوام کے خزانہ  سے 234کروڑ روپے  صرف ہوئے۔   ان کے  دورہ کی ایک خصوصیت یہ تھی کہ  وہ ہر غیر ملکی سربراہ سے بڑے پر تپاک انداز میں  بغلگیر ہوتے جسے Hug  Diplomacy یا Hug-lo-macyکا نام دیا گیا۔ نیز وہ  ہر ملک میں جابسے  ہندنژاد شہریوں کا ایک اجتماع بھی منعقد کرتے۔

    اسی طرح وزیر خارجہ  جے ایس جئے شنکر بھی بارہا  یہ دعوی کرچکے کہ انڈیا کی خارجہ پالیسی کی سب  سے بڑی کامیابی یہ  ہے کہ آج  وہ ’وشوا متر‘ بن گیا ہے  یعنی  وہ  دنیا کے تمام  ملکوں کا دوست ہے اور  دنیا کا ہر ملک  اس سے دوستی اور رشتے قائم کرنا چاہتا ہے۔ اب اس دعوی کا  آپریشن سندور  کے تناظر میں جائزہ لیا جائے  کہ کتنے  ممالک اس  نازک موقع پر انڈیا کی حمایت میں سامنے آئے۔

    گو دنیا کے تمام  اہم اور طاقتور ملکوں نے پہلگام دہشت گردانہ کاروائی پر  بیانات جاری کئے جو عمومی نوعیت کے تھے۔ جس میں  دہشت گردی کی مذمت کے  ساتھ کہا گیا کہ ہاں اس  سے نبردآزما ہونے کی ضرورت ہے۔ مگر پاکستان کی باضابطہ  مذمت کسی نے بھی نہیں کی، الٹے  انہوں نے انڈیا اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے پر  زور د یا۔  ان  ملکوں کی فہرست میں   امریکہ   اور  گلوبل نارتھ مما لک  ( Global North Nations)     یعنی ترقی یافتہ اور دولتمند  مما لک  ( جو شمالی امریکہ ، یوروپ  اور مشرقی ایشیاء کے بعض ممالک جیسے جاپان ، جنوبی کوریا وغیرہ)، نیز  جی سیون(Group 7)،  G-20 , QUA، برکس (BRICS)،  سارک اور    The Bay of Bengal Initiative for Multi-Sectoral Technical and Economic Cooperation (BIMSTEC)  وغیرہ شامل ہیں۔ ان میں کسی عالمی انجمن نے انڈیا کی حمایت میں بیان جاری نہیں کیا۔ دنیا کی  بڑی معیشتوں کی انجمنیں یعنی جی سیون  میں نئی دہلی کو  مشاہد کا  درجہ حاصل ہے، جس  پر وہ نازاں ہے  نیز جی ٹوئنٹی نے بھی کوئی حمایت نہیں کی۔ اسی طرح  BIMSTEC  جس کی بنیاد خود ہمارے ملک نے ڈالی اس کا بھی کوئی رکن ملک سامنے نہیں آیا۔  جہاں تک برکس کا معاملہ ہے  جس کے بنیاد گزاروں میں انڈیا شامل ہے، اس کے رکن ممالک جیسے جنوبی افریقہ، اور  برازیل  رسمی بیانات سے آگے نہیں بڑھ سکے۔ چین کے ساتھ پہلے سے تنازعات چلے آرہے ہیں تو اس کی طرف سے کسی حمایت کا سوال ہی پید ا نہیں ہوتا تھا۔ اس کے برعکس اس نے  یہ بیان دیا کہ وہ  پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کا احترام کرتا ہے۔ بالخصوص روس سے کوئی حمایت نہ ملنے کا معاملہ  تشویش کا باعث ہے، گزشتہ ستر برسوں سے وہ ہر معاملہ میں انڈیا کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔  پاکستان کے ساتھ ہر جنگ اور مسئلہ میں اس نے نئی دہلی کا ساتھ دیا ہے  تاہم اس مرتبہ  اس نے  دونوں ہمسایوں کے درمیان ایک توازن برقرار رکھا۔ حالانکہ  نئی دہلی روسی اسلحہ کا  سب سے بڑا خریدار ہے۔

    دفاعی تجزیہ کار اور دفاعی میگزین  فورس کے ایڈیٹر پروین ساہنی  کے بقول روس پاکستان سے بھی پینگیں بڑھا رہا ہے۔ جو ایک لمحہ فکریہ ہے۔ صرف اسرائیل  اور افغانستان نے ہی بھارت کی حمایت کی ۔ طالبان کی حکومت کو نئی دہلی نے ابھی تک تسلیم نہیں کیا ہے اور نہ ہی دنیا کے کسی اور ملک نے۔ جہاں تک  اسرائیل  کا معاملہ ہے وہ ظاہر ہے پاکستان کے مقابلے بھارت کی ہی حمایت کرے گا۔ خارجہ پالیسی کی ناکامی کا تجزیہ کرتے ہوئے ساہنی مزید  کہتے ہیں کہ یہ سب کو معلوم ہے چین پاکستان کا سب سے بڑا دوست ہے اور وہ اسلام  آباد کو  مزید اسلحہ، ہارڈ وئیر اور سافٹ وئیر  کی شکل میں دے گا۔ مزیدبرآں  چین نے ایسے  وقت ارونا چل کے  مزید 27مقامات کے نام تبدیل کردیئے، جب کہ پاکستان سے کشیدگی جاری تھی۔ ارونا چل ہماری ریاست ہے  اب تک  بیجنگ  90مقامات کے نام تبدیل کرچکا ہے۔ چین کی اس حرکت کو سنجیدگی لیا جانا چاہیے۔ تاہم مودی حکومت  چین کے ساتھ تعلقات کو بہتر کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔

    جہاں تک  امریکہ  سے  حمایت نہ ملنے کا معاملہ ہے وہ  سنگین نوعیت کا ہے کیونکہ حالیہ عرصہ میں دونوں ملکوں کے درمیان اسٹرٹیجک نوعیت کے تعلقات بہت گہرے ہوئے ہیں ۔ خود وزیراعظم مودی  برسر اقتدار آنے کے بعد سے اب تک واشنگٹن کے دس دورے کرچکے ہیں۔  وہ  صدر ٹرمپ کے لئے امریکہ میں  انتخابی مہم بھی چلا چکے ہیں اور ٹرمپ کو ’ مائی ڈیئر فرینڈ‘ کہتے نہیں تھکتے۔ اس بارے میں  ساہنی کہتے ہیں کہ  امریکہ کی حمایت کے بغیر  پاکستان کو  2.34بلین ڈالر کا قرضہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( IMF) سے نہیں مل سکتا تھا۔ اور وہ ایسے وقت میں دیا گیا جب دونوں ہمسایہ ملکوں کے درمیان کشیدگی بام عروج پر تھی۔ اب مودی حکومت نے  مشن 500   کا ارادہ  کیا ہے جس کا مقصد امریکہ کے ساتھ تجارتی مالیت کا حجم سال 2030تک   200بلین  ڈالر سے بڑھاکر 500بلین کرنا ہے۔

    موجودہ کشیدگی کے دوران میں چین کی طرح  ترکی  اور آذربائیجان بھی کھل کر پاکستان کی حمایت میں سامنے آئے ۔ ترکی نے ہارڈ ویئر ڈرون کی شکل میں اسلام آباد بھیجے۔ ساہنی  کہتے ہیں کہ ان سارے نکات کا خلاصہ یہ ہے کہ آپریشن سندور کے نتیجہ میں پاکستان کو دنیا بھر میں یک و تنہا کرنے کی بھارت کی سعی کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوئی۔

    کانگریس کے ترجمان  پون کھیڑا نے بھی مودی  پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو الگ تھلگ کرنے گئے تھے خود ہی الگ تھلگ

    پڑگئے۔  یہاں تک کہ نیپال اور بھوٹان جیسے چھوٹے ہمسایہ ملک بھی ہمارے ساتھ نہیں آئے ۔

    اسی طرح  دی ہندو کے  سفارتی امور کی ایڈیٹر  سوہاسنی حیدر بھی اس خیال کی تائید کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ  ”تمام عالمی رہنما جنہوں نے ہندوستان اور پاکستان سے بات کی، ان کی پوری توجہ کشیدگی کو کم کرنے پر تھی نہ کہ دہشت گردی پر۔ ہندوستان چاہتا ہے کہ اس کا موازنہ پاکستان سے نہ کیا جائے اور نہ ہی اس کو  پاکستان کی صف رکھا جائے لیکن ایسا نہیں ہوا۔ انڈیا کے ساتھ امریکہ  سے  تجارت کی مالیت  140 بلین ڈالر اور پاکستان کے ساتھ تقریباً 10 بلین ڈالر ہے، پھر بھی ٹرمپ نے دونوں ممالک کو ایک ہی درجہ  پر رکھا۔”

    ملک کے بیشتر  سابق سفارت کار  اور مبصرین  اس بات سے نالاں ہیں کہ پھر سے دنیا نے نئی دہلی اور اسلام آباد کو ایک چشمہ سے دیکھنا  شروع کردیاہے۔ جبکہ صدر کلنٹن کے  زمانہ میں واشنگٹن  دونوں ہمسایہ ملکوں  میں فاصلہ یا  dehyphenation  رکھتا تھا  لیکن اب  دوبارہ  انڈیا کا ذکر پاکستان کے ساتھ کرنے لگا ہے  یعنی برابری  hyphenation  کا دور لوٹ آیا ہے۔

    اس بابت ساہنی کی رائے ہے کہ  یہ کوئی تشویش کا امر نہیں  جیسا کہ بیشتر سابق سفا رت کار اور مباحثوں  میں  اس کا ذکر ہورہا ہے۔  یہ صرف کشیدگی کے حوالے سے ہے  معیشت کے حوالے سے  دونوں ملکوں کے درمیان کوئی موازنہ نہیں ہے ۔ انڈ یا ایک بڑی معیشت ہے۔ جہاں تک فوجی قوت کا تعلق ہے، میں ایک عرصہ سے یہ بات کہہ رہا ہوں کہ  دونوں  ہمسایہ برابری کی حیثیت میں ہیں،  اس لئے  لوگوں کو اس حقیقت کا ادراک کرنا چاہیئے ۔ برابری کے بارے میں سوچ اب ازکار رفتہ ہوچکی ہے کیونکہ دنیا آج بدل گئی ہے۔ اس استعماری نفسیات  سے باہر نکلنا چاہیے آج ہر ملک مساویانہ درجہ چاہتاہے، چاہئے وہ کتنا ہی چھو ٹا ملک کیوں نہ ہو۔

    پاکستان ایک عرصہ سے  مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی مسئلہ  بنانے کی کوشش کرتا ہے جبکہ انڈیا  اسے ہر قیمت پر روکنا چاہتا ہے۔ کئی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ  پاکستان اس بار مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر لانے میں کامیاب ہوا ہے۔ صدر ٹرمپ نے بار بار کسی غیر جانبدار مقام پر ثالثی کی پیشکش کی ہے۔ ساہنی  کہتے ہیںکہ جموں و کشمیر کو  آ رٹیکل 370اور 35A سے  محروم کرنے  اور لداخ کو مرکزی علاقہ  بنانے کے فیصلہ سے  چین کو بھی اس میں اپنا دعوی ٹھونکنے کا موقع مل گیاہے۔  علاوہ ازیں  وہ  دہشت گردی کے حوالے سے کہتے ہیں کہ یہ اب کوئی عالمی مسئلہ نہیں رہا۔ نائن الیون کے واقعہ کے بعد امریکہ نے  اسے اہم مسئلہ بنادیا تھا مگر اب یہ پس پشت چلا گیا ہے۔ ساہنی  کے مطابق مودی کا یہ کہنا غلط ہے کہ جنگ کا دور اب ختم ہوچکا ہے اور دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے۔  فی زمانہ  دہشت گردی  کے مسئلہ کو کوئی اہمیت نہیں دی جارہی ہے۔ یہی معاملہ آپریشن  سندور کے ساتھ پیش آیا۔  جئے شنکر کے اس بیان کو کہ انڈیا نے پاکستان کو آپریشن سندور کی قبل از اطلاع دی تھی ساہنی نے اسے مضحکہ خیز قرار دیا  جس پر اپوزیشن اور مختلف حلقوں کی طرف سے زبردست تنقید ہو رہی ہے۔

    خارجہ پالیسی کی  ناکامی پر  سابق وزیرخارجہ یشونت سنہا کہتے ہیں کہ  وزیراعظم نے دنیا بھر کی  سیر کرنے میں جتنا  وقت لگایا، جتنا  پیسہ خرچ کیا وہ آج سب اکارت چلا گیا۔  مودی کو اپنے مہان ہونے کا زعم تھا کہ وہ اتنے مہان ہیں کہ جس سربراہ حکومت کو گلے لگائیں گے وہ ان کا  مرید بن جائے گا۔ اس خام خیالی کے بارے میں اگر کوئی شک تھا تو وہ شک اب دور ہوگیا ہے۔ مودی نے  امور خارجہ اپنے ہاتھ میں لے رکھے تھے اور  جئے شنکر  کی حیثیت محض ایک سیکریٹری سے زیادہ کی نہ تھی۔  سنہا کہتے ہیں کہ  مودی کی اب یہ حالت ہے کہ وہ امریکہ یا ٹرمپ کا نام لینے سے بھی ڈرتے ہیں ۔ حالانکہ ٹرمپ کے بیانات سے  ملک کی خود مختاری  پر آنچ آرہی ہے تاہم مودی نے اپنے 22 منٹ کے خطاب میں ٹرمپ کے دعووں پر معنی خیز سکوت اختیار کیا۔

    حزب اختلاف کی جماعتوں کی طرف سے  مودی حکومت  پر سخت حملے ہورہے ہیں جو کہ آگے مزید تیز تند ہوسکتے ہیں۔ کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے کہا کہ اب ہماری خارجہ پالیسی کا یہ حال ہوچکا ہے کہ گزشتہ ایک مہینہ سے  ہر روز یہی کچھ سننے کو مل رہا ہے۔ کیونکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور انڈیا کو ایک ہی صف میں لا کھڑا کیا ہے اور ہم ایک لفظ بھی نہیں بول سکے۔ اس کا اثر یہ ہورہا ہے کہ اب کویت نے پاکستان پر سے ویزے کی پابندیاں ختم کر دی ہیں، جہاں کی لیبر فورس 21 فیصد ہندوستانی ہے۔اسی طرح متحدہ عرب امارات نے  پاکستانیوں کو بھی 5 سال کے ویزے کی اجازت دیدی ہے۔ بحران کے وقت تو نیپال اور بھوٹان نے بھی کچھ نہیں کہا۔ کسی ایک ملک نے بھی پاکستان کو دہشت گرد ریاست نہیں کہا۔ ہم اکیلے بولتے رہے، کسی نے ہم سے اتفاق نہیں کیا… یہ خارجہ پالیسی کی کمزوری نہیں تو اور کیا ہے؟ ان کی جماعت کی رکن پارلیمان  پرنیتی شندے  کا الزام ہے کہ آپریشن سندور کے بعد وزیر اعظم مودی کی پوری توجہ اپنی  تشہیر اور خود کی تعریف پر مرکوز رہی، احتساب پر نہیں۔ ملک کے عوام جواب چاہتے ہیں دکھاوا ( شو آف )نہیں۔ کہتے ہیں نا کہ جب شامت آتی ہے تو سب طرف سے آتی ہے کچھ ایسا ہی منظر نامہ سامنے آرہا ہے۔

  • اطلاعاتی جنگ یا صحافت کی موت

    اطلاعاتی جنگ یا صحافت کی موت

    یہ ایک حقیقت ہے کہ جنگ میں سب سے پہلی ہلاکت سچ کی ہوتی ہے۔ کیوں کہ  گولہ بارود، ہتھیاروں اور انٹلی جنس کے علاوہ اطلاعاتی نظام بھی اس کا ایک حصہ ہوتا ہے۔ مگر ہندوستانی میڈیا نے اس ہتھیار کو جس قدر اوچھے طریقے سے استعمال کیا کہ اس کو دیکھ کر ہی گھن آتی ہے۔ اطلاعاتی جنگ کے اپنے قواعد و ضوابط ہوتے ہیں، جن سے دشمن کو زیر کیا جاسکتا ہے۔ میڈیا پروفیشنلز ان سے بخوبی آگاہ ہوتے ہیں۔ میں پچھے تیس سالوں سے ہندوستان کے قومی میڈیا کا حصہ رہاہوں۔ چند سال قبل تک اہم نیوز رومز کے انتظام و انصرام کے علاوہ بطور چیف آف بیورو سینکڑوں رپورٹروں کی نگرانی و رہنمائی کا کام کیا ہے۔

    مگر ٹی وی اسکرینوں اور میڈیا ویب سائٹس نے اس جنگ کے دوران قواعد و ضوابط کو بالائے طاق رکھ کر سفید جھوٹ کے جو دریا بہاکر جنگی جنون برپا کیا، سر شرم سے جھک گیا ہے۔ اب اس میڈیا کے ساتھ وابستگی کا حوالہ دینا ہی سبکی جیسا لگتا ہے۔ کیا ان اینکروں اور مدیران کو معلوم نہیں ہے کہ اکیسویں صدی میں، جب اطلاعاتی ماحول جغرافیائی سرحدوں اور روایتی میڈیا کے کنٹرول سے آزاد ہوچکا ہے، کیسے ایک سفید جھوٹ کو پروسا جاسکتا ہے۔

    ایک صحافی کی سب سے زیادہ اہم متاع اس کی ساکھ ہوتی ہے۔ اگر یہ متاع کھو جائے، تو صحافی کی موت واقع ہوجاتی ہے، گو کہ جسمانی طور پر وہ زندہ ہو۔رپورٹنگ میں غلطیاں تو ہو جاتی ہیں، مگر ان کو تسلیم کرکے ان پر شرمندہ ہونا اور اپنے قارئین یا سامعین سے معافی کا خواستگار ہونا، ایک عظیم صحافی کی نشانیاں ہیں۔ جب ٹی وی اینکر چیخ چیخ کربتا رہے تھے، کہ کراچی کو تباہ کردیا گیاہے، بلکہ نقشہ سے ہی غائب ہو گیا ہے، تو میں نے پہلے کچھ زیادہ سیریس تو نہیں لیا، مگر جب ایک صحافی برکھا دت، جس کو چند احباب معتبر صحافی سمجھتے ہیں، نے ٹوئٹ کرکے یہی خبر دی، میں نے اپنے ایک سابق کولیگ، جو اب کراچی شفٹ ہوگئے ہیں کو فون کیا۔ جب وہ فون اٹھا نہیں رہے تھے، تو یقین آگیا کہ شاید کراچی واقعی ختم ہو گیا ہے۔

    مگر چند ساعت کے بعد ان کا خود ہی فون آیا اور معذرت کی کہ وہ اس وقت نہاری لینے کے لیے ایک ریسٹورنٹ کے باہر قطار میں کھڑے ہیں۔ ہندوستانی میڈیا کی چند ہیڈلائنز دیکھیں۔ ہندوستانی بحریہ نے کراچی پورٹ تباہ کر دیا! آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو بغاوت کے بعد گرفتار کر لیا گیاہے۔ ہندوستانی فوج نے اسلام آباد پر حملہ کر دیا اور شہباز شریف کو کسی’سیف ہاؤس’میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

    زی نیوز نے سنسنی خیزی میں اضافہ کرتے ہوئے اعلان کر دیا؛’اسلام آباد پر قبضہ کر لیا گیا!’ جس وقت یہ خبر چلائی گئی، تو پینل پر موجود ماہرین خوشی سے ڈانس کرنے لگے۔ آج تک ٹی وی نے تو حد ہی کر دی۔کراچی پورٹ پر فرضی حملے کی ویڈیو اسٹوڈیو میں ہی تیار کر کے ایسے نشر کی جیسے یہ حقیقی مناظر ہوں۔اس کے انگریزی چینل انڈیا ٹوڈے نے لاہور اور کراچی پر بیک وقت حملے کا دعویٰ کر دیا۔

    اے بی پی نیوز  نے سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ دعویٰ کر ڈالا کہ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر گرفتار ہو چکے ہیں۔ ٹی وی 9 نے بتایا کہ پاکستان کے 25شہر تباہ کر دئے گئے ہیں۔ا یک اور چینل نے دعویٰ کیا کہ پاکستان زیر انتظام کشمیر میں فوج گھس گئی ہے اور پینل میں موجود ایک ریٹائرڈ میجر تو خوشی سے چلانے لگا۔ ایک سابق فوجی ہوتے ہوئے اس کو معلوم نہیں تھا کہ ہندوستان میں اسٹرائیک کور کو سرحد کی طرف کوچ کرنے کے لیے خاصا وقت درکار ہوتا ہے۔ 2001میں آپریشن پراکرم کے  وقت تو دو ہفتے کا وقت لگا تھا۔سبھی اسٹرائیک کورز اور دفاعی کورز کو تو دوماہ کا وقت لگا تھا۔

    انڈیا نیوز نے تو نیا آرمی چیف بھی خود ہی تعینات کر دیا۔زی نیوز نے گرافکس چلائے کہ’پاکستانی فوج نے ہتھیار ڈال دیے اور ہندوستانی افواج نے بڑے شہروں پر قبضہ کر لیا ہے۔اسی پروگرام میں اسکرین پر وزیراعظم شہباز شریف کو بنکر میں چھپتے اور ہندوستانی افواج کے آگے ہتھیار ڈالتے ہوئے دکھایا گیا۔ اس غلط انفارمیشن کے علاوہ ٹی وی اینکروں کی گندی زبان اور گالی گلوچ نے ایک نئی تاریخ رقم کی۔ ایک اینکر نے تو دورہ پر آئے ایرانی وزیر خارجہ کے خلاف نازیبا االفا ظ ادا کیے اور ان کو سور کی اولاد تک کہا۔ جس پر ایرانی سفارت خانہ نے احتجاج بھی درج کر دیا۔

    اس طرح ریپبلک ٹی وی پراینکر ایک پاکستانی مہمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہتا ہے،’جنجوعہ، تمہاری فوج پٹ گئی۔ تم بھگوڑے ہو۔’یہی حال دیگر چینلوں پر پاکستانی پینلسٹوں کا ہو رہا تھا۔ یہ پروپیگنڈہ کوئی انٹرنیٹ ٹرول نہیں بلکہ قومی سطح کے بڑے میڈیا ادارے پوری منصوبہ بندی کے ساتھ کسی کے کہنے پر پھیلارہے تھے۔ اس قدر پاگل پن، جب بریکنگ خبر دی گئی کہ پاکستان کا جہاز راجستھان میں مار گرایا گیا ہے اور پائلٹ زیر حراست ہے۔ کسی نے بطور مذاق ایک وہاٹس اپ گروپ میں لکھا کہ پائلٹ کا نام جہاز الدین ہے۔ اگلے چند منٹ میں نیوز ٹکرز پر جہازالدین کا نام آنے لگا۔  جو ٹوئٹر اکاونٹ یا میڈیا کے ادارے صحیح خبریں نشر کر رہے تھے، ان کو بلاک کردیا گیا۔

    دی وائر کی ویب سائٹ بلاک کر دی گئی۔اس سلسلے میں آٹھ ہزارسے زائد اکاونٹس تک رسائی بند کر دی گئی۔ سچ بولنے والوں کو صرف اس لیے چپ کرایا جا رہا تھاتاکہ جھوٹ پھیلانے والی فیکٹریوں کو کہیں سے مزاحمت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    میڈیا کو قوت ضرب یا فورس ملٹی پلیرکے بطور استعمال کرنے کا پہلا تجربہ ہندوستان میں اکتوبر 1993میں اس وقت کیا گیا، جب جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ سے وابستہ عسکریت پسندوں کو حضرت بل کی درگاہ سے باہر نکالنے کے لیے فوج نے آپریشن کیا تھا۔ یہ آپریشن 32دن جاری رہا۔ اس دوران سرینگر میں 15ویں کور میں اس و قت کے بریگیڈیر جنرل اسٹاف ارجن رے نے میڈیا کو آپریشن ایریا تک رسائی دی۔یہ آپریشن تو دو تین دن میں ختم ہو سکتا تھا۔ مگر اس کو طول دےکر میڈیا کو قوت ضرب کا حصہ بنانے کی ریہر سہل کی گئی۔

    دہلی سے قومی اوربین الاقوامی میڈیا اداروں کے نمائندوں کو لالاکر درگاہ کے اندر موجود عسکریوں کے انٹرویوز تک کرنے دیے گئے۔ اندر عسکری کمانڈروں کو کھانے بہم کروانے کو بھی میڈیا وار کا حصہ بنایا گیا۔ انہی دنوں فوج نے روزانہ بریفنگ کی روایت بھی شروع کی۔ یہ تجربہ بعد میں 1999کی کرگل جنگ میں خاصا کام آیا۔ اس وقت ارجن رے میجر جنرل کے عہدے پر ترقی پا چکے تھے اور ڈائرکٹر جنرل پبلک انفارمیشن کا محکمہ قائم کرکے ان کو اس کا سربراہ بنادیا گیا۔ وہ انتہائی زیرک، چہرے پر مسکراہٹ سجائے، میڈیا فرینڈلی جنرل تھے۔

    گو کہ کرگل جنگ کے دوران روزانہ بریفنگ کرنل بکرم سنگھ (جو بعد میں آرمی چیف بن گئے) کرتے تھے، مگر ان کی بریفنگ کا انتظام، کرگل محاذ پر صحافیوں کو دورے کروانا،  بیک گراؤنڈ بریفنگ کروانا ارجن رے اور ان کے دست راست کرنل منوندر سنگھ کے سپرد تھا۔منوندر انڈین ایکسپریس میں دفاع کے بیٹ کے رپورٹر تھے اور انہی دنوں انہوں نے استعفیٰ دیکر ٹیریٹوریل آرمی جوائن کی تھی۔ ایک روز وہ بطور صحافی ہمارے ساتھ جنگ کور کر رہے تھے، اگلے روز وردی میں بریفنگ کا انتظام کر رہے تھے۔بتایا جاتا ہے کہ پاکستانی آرمی چیف جنرل پرویز مشرف اور لیفٹنٹ جنرل عزیز کی ریکارڈ کردہ بات چیت کو عام کروانے کا مشورہ جنرل رے نے ہی وزیر خارجہ جسونت سنگھ کو دیا تھا۔ جسونت سنگھ منوندر کے والد تھے۔مگر اس پوری تگ ودو کے باوجود کرگل جنگ کے دوران قومی سلامتی کے مشیر برجیش مشرا مطمئن نہیں تھے۔ ان کو اندازہ ہوگیا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر انڈین میڈیا کی ساکھ خاصی نیچے ہے اور اس پر کوئی یقین کرنے کے لیے تیار نہیں ہوتا ہے۔

    پرائیوٹ چینلوں کا دور شروع ہو چکا تھا۔ نیوز چینلوں میں اسٹار نیوز اور زی نیوز آن ایر ہو چکے تھے۔ اسٹار نیوز کے انگریزی شعبہ کو این ڈی ٹی وی مواد اور اینکر فراہم کرتا تھا۔ جنگ کے فوراً بعد مشرا نے این ڈی ٹی وی کے سربراہ پرنائے راے کو بلا کر ان کو اپنا الگ چینل شروع کرانے کا مشورہ دیا۔ ان دنوں ہندوستان سے اپ لنکنگ کی اجازت نہیں تھی۔ مشرا نے مداخلت کرواکے اپ لنکنگ کا مسئلہ حل کروادیا۔ این ڈی ٹی وی کے بجٹ کے ایک حصہ کا بار حکومت نے اپنے ذمہ لے لیا۔ طے ہوا کہ این ڈی ٹی وی ایک سینٹر ٹولیفٹ کی پوزیشن لےکر ٹی وی صحافت میں ایک اعلیٰ معیار قائم کرے۔

    حکومت کی کارکردگی کی جتنی بھی تنقید کرنی ہو کی جاسکتی ہے، اس میں حکومت کبھی مداخلت نہیں کرےگی، مگر نازک اوقات، خاص طور پر جب کشمیر میں مظاہرے ہورہے ہوں یا ملک حالت جنگ میں ہو، اس وقت حکومت کی مدد کرنے کے لیے میڈیا ایک ایسا بیانیہ وضع کرے جس کوبین الاقوامی سطح پر قبولیت حاصل ہو۔اس لیے جب بھی کشمیر میں عوام سڑکوں پر ہوتے تھے یا پتھر بازی ہوتی تھی، برکھا دت فوراً پہنچ کر اس کا بیانیہ وضع کروانے کا کام کرتی تھی۔ لہذا جو افراد برکھا دت کو قابل اعتماد اور لبرل صحافی کی حیثیت سے جانتے  ہیں ان کو اپنی معلومات درست کرلینی چاہیے۔

    این ڈی ٹی وی اور اس کے اینکروں نے واقعی اس دوران اپنی کوریج اور حکومت کے ہمہ وقت احتساب کرنے کی وجہ سے ساکھ بنائی۔ جس کا استعمال نازک اوقات، خاص طور پر کشمیر میں شورش کو موڑ دینے کے لیے بیشتر اوقات کیا گیا۔ یعنی یہ چینل برجیش مشرا کی توقعات پر بالکل پورا اترا۔بین الاقوامی سطح پر اس نے بی بی سی، سی این این کی طرح معتبریت قائم کرنے میں کامیابی حاصل کرلی۔  2015کے بعد موجودہ قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوبھال کے کہنے پر این ڈی ٹی وی کے فنڈز بند کر دیے گئے، کیوں کہ  معلوم ہو گیا تھا کہ فنڈز جو انگریزی چینل کے لیےمخصوص تھے ان کو دیگر شعبوں اور نان نیوز اداروں میں استعمال کیا جارہا تھا۔

    چوں کہ  موجودہ حکومت کو ادراک ہوا کہ ہندوستان اب ایک ہارڈ اور معاشی پاور بن چکا ہے اس لیے بین الاقوامی بیانیہ کے لیے اس کو کسی میڈیا کے سافٹ پاور کی اب ضرورت نہیں رہی۔طے ہوا کہ صرف اسی میڈیا کی سرپرستی کی جائےگی، جو بالکل حکومت کی گود میں بیٹھا ہو اور اس کی تعریفوں کے پل بغیر کسی ابہام کے باندھے۔

    اطلاعاتی جنگ کا ایک بنیادی پہلو’اعتبار’ہوتا ہے۔ یہ اُسی وقت پیدا ہوتا ہے جب  غلط معلومات اور گمراہ کن دعوے کے ساتھ کچھ سچائی بھی پروسی جائے۔جس طرح کی کارکردگی اس وقت ہندوستانی چینلوں نے دکھائی اب کون ان کے بیانیہ پر اعتبار کرےگا۔حکومت کی طرف سے بھی کرگل جنگ کے برعکس اس

    بار دہلی میں کوئی تفصیلی بریفنگ نہیں دی گئی۔

    یہی حال 1999میں پاکستان کا تھا۔لگ رہا تھا کہ اس بار رول تبدیل ہو چکے ہیں۔ جونیئر افسران کرنل صوفیہ قریشی اور ونگ کمانڈر ویمکا سنگھ کو میڈیا کو بریفنگ کی ذمہ داری دی گئی۔ اس کے برعکس پاکستان نے ایئر فورس کے تیسرے سینئر ترین افسر، ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد کو میڈیا کے سامنے پیش کیا، جنہوں نے نقشے کے ذریعے ایک تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے صبر و تحمل سے بتایا کہ آپریشن سیندور کے آغاز سے قبل ہی پاکستانی فضائیہ نے الکٹرانک طریقے سے ہندوستانی طیاروں کی شناخت کرلی تھی۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فضائی حکمتِ عملی اب روایتی فضائی جھڑپوں تک محدود نہیں، بلکہ اب وہ ایک ‘کثیر الجہتی جنگی حکمت عملی’ (ملٹی ڈومین آپیزیشنز) پر مبنی ہے۔

    جن صحافیوں نے کرگل جنگ اور اس کے بعد آپریشن پراکرم کور کیا ہو، ان کو معلوم ہوگا کہ جب اتنی تفصیل سے بریفنگ دی جائے تو میڈیا بھی اسی بیانیے کے ساتھ ہم آہنگ ہو جاتا ہے۔دونوں مواقع پر مجھے یاد ہے کہ نئی دہلی میں نہ صرف روزانہ آن ریکارڈ بلکہ اعلیٰ افسران متواتر ایک موقع پر تو خود آرمی چیف کی طرف سے بیک گراؤنڈ بریفنگ دی گئی تھی۔مجھے یاد ہے کہ پاکستان کے جنگ اور نیوز کے دہلی کے بیورو چیف عبدالوحید حسینی بھی اس میں شریک ہوتے تھے اور تیکھے سوالات بھی پوچھتے تھے۔  ایڈیٹروں اور دہلی میں مقیم بین الاقوامی میڈیا کے سربراہوں کو خود وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی اور جسونت سنگھ بھی بسا اوقات بیک گراؤنڈ بریفنگ کے لیے بلاتے تھے۔

    پاکستان نے چوں کہ  سینئر افسران کو میدان میں اتارا، اس لیے  اگلے روز بین الاقوامی اخبارات اور ٹیلی وژن چینلوں پر پاکستانی موقف چھایا رہا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ ہندوستان کی طرف سے کسی سینئر فضائی افسر نے  میڈیا سے بات نہیں کی۔جب اس غلطی کا اندازہ ہوا، تب تک دیر ہو چکی تھی۔ تو نتیجہ کیا نکلا؟ پاکستانی موقف کو اعتبار حاصل ہوا۔ اب یہ درست ہے یا غلط، یہ ایک الگ بحث ہے۔ مگر جب ہندوستان کی جانب سے کوئی متبادل بیانیہ ہی موجود نہ تھا، تو پھر یکطرفہ کہانی ہی سچ مان لی جاتی ہے۔

    دفاعی تجزیہ نگار اور فورس میگزین کے ایڈیٹر پروین ساہنی کے مطابق پاکستان کی’کثیر الجہتی جنگی حکمت عملی’ مودی حکومت کے کشمیر میں 5 اگست 2019 کو کیے گئے اقدمات کا شاخسانہ ہے۔ ان کے مطابق اس سیاسی قدم نے چین اور پاکستان کی افواج کو ایک تزویراتی اتحاد میں باندھ دیا۔ پہلے بھی تعاون موجود تھا، مگر اس کے بعد یہ رشتہ کہیں زیادہ گہرا اور ادارہ جاتی ہو گیا ہے۔

    صدر شی جن پنگ سمیت تمام اعلیٰ چینی قیادت نے کھلے عام پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کے حق میں بیانات دیے۔ مطلب یہ کہ اگر ہندوستان کے ساتھ جنگ ہوئی تو چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) براہ راست نہ سہی، پس منظر میں ضرور پاکستان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ اور اس کا اشارہ ہمیں آپریشن سیندور میں ملا۔اس وقت بھی پاکستان کے بجائے دراصل چھوٹا چین ہندوستان کے ساتھ برسرپیکار تھا۔ اب اگر آئندہ کبھی ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ چھڑجاتی ہے، تو وہ صرف یک محاذی جنگ نہیں ہوگی۔

    ساہنی کا کہنا ہے کہ 2019 سے وہ خبر دار کرتے آئے ہیں کہ ہندوستان کو اب خطرہ اب صرف پاکستان سے نہیں، بلکہ چین اور پاکستان کے مشترکہ فوجی اتحاد سے ہے۔جس میں چینی فوج میدانِ جنگ میں تو نظر نہیں آئے گی، مگر اس کی موجودگی ہر مرحلے پر محسوس کی جائے گی۔ان کے مطابق،’کثیر الجہتی جنگی حکمت عملی’کے چھ بنیادی پہلو ہیں؛لڑاکا طیارے – پاکستان کے موجودہ فرنٹ لائن طیارے، جے-10 اور جے ایف -17، دونوں چینی ساختہ ہیں،بی وی آر میزائل – پی ایل -15، جو بہت دور تک ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے، چین سے حاصل کیا گیا ہے۔ سیٹلائٹ نظام – چین کے بیئی ڈوؤ نیٹ ورک سے استفادہ، جس میں 44 سیٹلائٹس موجود ہیں، پاکستان کو 24 گھنٹے میدانِ جنگ کی نگرانی اور میزائل ہدف بندی کی سہولت دیتا ہے۔  ایئربورن ارلی وارننگ اینڈ کنٹرول سسٹم (اے ای ڈبلیو اینڈ سی)،پاکستان کے پاس نو نظام موجود ہیں جو دشمن کے اہداف کی شناخت اور نگرانی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔الکٹرانک وار فیئر – 2019 کے بالا کوٹ حملے میں پاکستان نے نہ صرف ہندوستانی کمیونی کیشن جام کیا  تھا بلکہ اسے ریکارڈ بھی کیا۔اس بار بھی اورنگزیب نے ہندوستانی پائلٹوں کی پرواز کے دوران گفتگو کی ایک ویڈیو میڈیا کو سنائی، جس نے اُن کے دعوے کو مزید مستند بنایا اور  ڈیٹا لنکنگ – تمام یونٹس، چاہے وہ سیٹلائٹ ہوں، زمینی افواج یا فضائی یونٹس، سب ایک دوسرے کے ساتھ حقیقی وقت میں جڑے ہوتے ہیں۔ پاکستان کے پاس لنک -17 نیٹ ورک پہلے سے موجود تھا، جسے اب مزید اپ گریڈ کیا گیا ہے۔

    ان میں سب سے اہم دو صلاحیتیں ڈیٹا لنکنگ اور الکٹرانک وار فیئر ہیں، جو پائلٹ کو میدانِ جنگ کا مکمل 360 ڈگری منظر فراہم کراتی ہیں۔ اس نظام کو ’کل چین‘ کہا جاتا ہے—یعنی خبردار ہونا، ہدف تلاش کرنا، اس پر نظر رکھنا، اور پھر اسے مکمل طور پر تباہ کر دینا۔

    اگر یہ تمام عناصر مربوط انداز میں کام کریں تو دشمن کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں ملتا۔2020 کے بعد سے پاکستانی فضائیہ اور چینی فضائیہ نے اس حکمت عملی پر مشترکہ مشقیں شروع کی ہیں، جنہیں’شاہین ایکسرسائز’ کہا جاتا ہے۔ یہ مشقیں 2012 سے جاری تھیں، لیکن پہلے ان کا محور صرف ڈاگ فائٹ اور الکٹرانک وار فیئر ہوتا تھا۔ اب توجہ اس بات پر ہے کہ میدانِ جنگ میں کون پہلے کل- چین مکمل کرتا ہے۔

    اور یہ ہم آہنگی 2019 کے بعد بہت زیادہ مستحکم ہو چکی ہے۔اسی طرح یہ آنے والے خصوصاً کروز میزائل کے سسٹم میں داخل ہوکر اس میں غلط معلومات درج کرواکر اس کو بھٹکاتا ہے۔ جیسا کہ ہندوستان کا ایک برہموس کروز میزائل اپنے ہدف کے بجائے پاکستان کی سرحد کو کراس کرکے افغانستان کے کسی علاقے میں گرا۔

    ساہنی کے مطابق، آپریشن سیندور مکمل جنگ کے بجائے ایک بحران تھا۔ لیکن بحران اور جنگ کے درمیان قبل از جنگ مرحلہ ہوتا ہے۔ یہاں پاکستان کو برتری حاصل ہوگئی ہے۔ کیوں کہ  وہ  اپنے جغرافیائی خدوخال  ہولڈنگ کی وجہ سے اسٹرائیک فورسز کو 48 سے 72 گھنٹوں میں متحرک کر سکتا ہے۔جب کہ ہندوستانی فوج چوں کہ  بہت بڑی ہے اور ملک کے مختلف علاقوں میں پھیلی ہوئی ہے، اس لیے اس میں وقت لگتا ہے۔ جیسے 2001–2002 میں آپریشن پراکرم کے دوران اسٹرائیک کور کو متھرا، بھوپال اور آگرہ سے سرحد تک پہنچانے میں دو ہفتے لگے تھے۔ اگرچہ اب بہتری آئی ہے، مگر پاکستان کے مقابلے میں یہ اب بھی سست ہے۔

    مودی حکومت کے 11 سالوں میں تین تھرش ہولڈ قائم ہوئے ہیں۔ پہلا قدم تھا 2019 کا بالا کوٹ حملہ—جب پہلی بار ہندوستانی فضائیہ نے کسی بحران میں کارروائی کی، یہ ایک نئی نظیر تھی، دوسرا قدم تھا آپریشن سیندور—اس بار پاکستان مکمل طور پر تیار تھا، فضائی حملے کا انتظار کر رہا تھا،  تیسرا قدم  اسی آپریشن کے دوران ڈرون اور میزائلوں کا استعمال، جو اب نہ صرف لائن آف کنٹرول بلکہ بین الاقوامی سرحد پر بھی داغے جاسکتے ہیں۔

    اس کے علاوہ، ہندوستانی وزیرِ اعظم کی سربراہی میں ہونے والی سکیورٹی میٹنگ کے بعد یہ اعلان ہوا کہ آئندہ کسی بھی دہشت گرد حملے کو ‘جنگ کا اعلان’ تصور کیا جائے گا۔اس کا مطلب یہ ہوا کہ اگر کشمیر یا کسی اور علاقے میں کوئی حملہ ہوتا ہے، تو براہِ راست جنگ ہوسکتی ہے یعنی جنگ کرنے کا تھرش ہولڈ مزید گر گیا ہے۔ یعنی ایک ایسی صورتحال  پیدا ہو گئی ہے جہاں جنگ بندی اور جنگ کرنے میں میں فرق مٹ چکا ہے۔

    ہندوستانی فوج کو ہر وقت جنگی تیاری کی حالت میں رہنا ہوگا۔یعنی مودی حکومت کے دور میں ہندوستان کو درپیش خطرات میں اضافہ ہوگیا ہے۔اب دشمن صرف پاکستان نہیں بلکہ چین اور پاکستان کی متحدہ فوجی قوت ہے۔جنگ کا دہانہ یعنی تھرش ہولڈ نیچے آ چکا ہے۔یعنی دو بلکہ چین سمیت تین جوہری طاقتوں کی حامل قوتوں کے درمیان جنگ آسانی سے چھڑ سکتی ہے۔

    اب آپ فیصلہ کریں کہ کیا واقعی مودی کے اس قدم سے ہندوستان زیادہ محفوظ ہوگیا ہے اور مسلسل تیاری کی حالت میں رہنے سے فوج کی کیا حالت ہوسکتی ہے؟ کیا اس سے بہتر یہ نہ ہوتا کہ سیاسی مسائل کو باہمی طور پر بات چیت سے حل کیاجاتا، تاکہ پوری توجہ معاشی ترقی اور عوام کی بہبود کی طرف ہوتی۔

  • آپریشن سندور: میڈیا کی سونی مانگ اور اجڑ گئی

    آپریشن سندور: میڈیا کی سونی مانگ اور اجڑ گئی

    پہلگام دہشت گردانہ حملے میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد ہندوستان کی جانب سے کیے گئے ’’آپریشن سندور‘‘ نامی کارروائی کی کامیابی و ناکامی موضوع بحث ہے۔ اسی کے ساتھ ایک اور معاملہ بھی موضوع بحث ہے اور وہ ہے میڈیا کا کردار۔ حالانکہ ہندوستانی میڈیا تو ایک زمانہ ہوا بے وقعت ہو گیا ہے۔ پہلے جہاں پوری دنیا میں اسے بہ نظر استحسان دیکھا جاتا تھا وہیں اب اسے بہ نظر تحقیر دیکھا جاتا ہے۔ پہلے جب بھی ہندوستانی جمہوریت کی ستائش ہوتی تھی تو اس کے ساتھ ساتھ ہندوستانی میڈیا کی بھی ہوتی تھی۔ لیکن گزشتہ گیارہ برسوں سے جہاں جمہوریت کی پیشانی پر بے شمار بدنما داغ لگ گئے ہیں وہیں میڈیا کی پیشانی بھی بے اعتباری، خوشامد، اشتعال انگیزی، مذہبی منافرت اور فیک نیوز کے داغوں سے داغدار ہو گئی ہے۔ لیکن آپریشن سندور کے موقع پر اس نے جو رپورٹنگ کی اس کی وجہ سے اس کی مانگ میں جو تھوڑا بہت سندور تھا وہ بھی بالکل صاف ہو گیا اور وہ کسی سہاگن کی بجائے کسی بیوہ کی مانگ بن کر رہ گئی ہے۔

    ہمیں اس کی تفصیلات میں جانے کی چنداں ضرورت نہیں کہ کس طرح میڈیا نے پاکستان کو تباہ و برباد کر دیا تھا۔ کراچی اور دیگر شہروں پر قبضہ کر لیا تھا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو گرفتار کروا دیاتھا اور وزیر اعظم شہباز شریف کو بنکر میں روپوش کرا دیا تھا۔ حالانکہ پاکستانی میڈیا بھی تقریباً یہی سب کرتا رہا لیکن اس کی فرضی رپورٹوں میں شدت کی کمی تھی۔ اس نے اتنے مقامات پر پاکستانی فوج کو قبضہ نہیں دلایا جتنے مقامات پر ہندوستانی میڈیا نے ہندوستانی فوج کو دلا دیا۔ پاکستانی میڈیا ہندوستان کے اتنے فوجی ٹھکانے تباہ نہیں کروا سکا جتنے ہندوستانی میڈیا نے پاکستانی فوجی ٹھکانوں کو تباہ کروایا۔ حد تو تب ہو گئی جب جنگ بندی کا اعلان ہو گیا اور انٹرنیشنل میڈیا حقائق کو بے نقاب کرنے لگا اور اس وقت بھی اس کا رویہ نہیں بدلا۔ دراصل جھوٹ بولنے والا جب تواتر کے ساتھ جھوٹ بولتا ہے تو یہ جانتے ہوئے بھی کہ وہ جھوٹ بول رہا ہے، اس کا لاشعور اس بات کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہوتا اور پھر لاشعوری کیفیت شعوری کیفیت بن جاتی ہے اور وہ شخص اس جھوٹ کو ہی سچ سمجھنے لگتا ہے۔ اس طرح ہم کہہ سکتے ہیں کہ اس میدان میں بھی ہندوستان ایک بڑا بھائی بن کر ابھرا۔ لیکن ہمیں پاکستانی میڈیا پر اظہار خیال نہیں کرنا بلکہ ہندوستانی میڈیا پر کرنا اور اس کی بداعمالیوں پر حکومت کی خاموشی پر کرنا ہے۔

    صرف گودی میڈیا ہی نے فیک نیوز کا طوفان نہیں اٹھایا بلکہ حکومت نواز سوشل میڈیا نے بھی اٹھایا۔ یہی وجہ ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انفارمیشن اینڈ براڈ کاسٹنگ کی وزارتوں نے میٹنگ کرکے اس معاملے پر تفصیلی غور خوض کیا۔ اس کے بعد حکومت کی جانب سے فیک نیوز کو ہٹانے کے احکامات صادر کیے گئے۔ جنگ بندی کے اعلان کے بعد فوج کی جانب سے پریس کانفرنسیں کی گئیں اور کسی حد تک حقائق پر روشنی ڈالی گئی لیکن اس نے بھی بہت سے سوالوں کے جواب نہیں دیے۔ حکومت کی جانب سے گودی میڈیا کے رویے پر خاموشی اختیار کی گئی۔ اس نے پہلگام حملے کے بعد پاکستان کے ڈان نیوز اورجیو نیوز جیسے یو ٹیوب چینلوں پر پابندی لگا دی۔ جس کے بعد پاکستان کی جانب سے کئی سائبر حملے کیے گئے جس کی وجہ سے ہندوستانی افواج کو الرٹ پر رہنا پڑا۔ حکومت نے یہاں کے بھی کئی سوشل میڈیا چینلوں پر پابندی لگا دی جن میں سینئر صحافیوں کے بہت زیادہ دیکھے جانے والے چینل بھی تھے۔ یہ الگ بات ہے کہ جب اس پر احتجاج کیا گیا تو پھر پابندی ہٹا لی گئی۔ اگر ہم فیک نیوز کی بات کریں تو حکومت کے ادارے پریس انفارمیشن بیورو کے فیکٹ چیک یونٹ کے مطابق مارچ 2025 تک فیک نیوز کے 97 واقعات کی شناخت کی گئی۔ وزیر اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو نے پارلیمنٹ کو بتایا تھا کہ 2024 میں 583، 2023 میں 257  اور 2022 میں 338 فیک نیوز پائی گئی تھیں۔ لیکن صرف 2025 میں اس سے کہیں زیادہ فیک نیوز پائی گئیں۔ اور اگر آپریشن سندور کے دوران اور اس کے فوراً بعد کے واقعات کی جانچ کی جائے تو یہ تعداد بہت زیادہ بڑھ جائے گی۔

    اس دوران حکومت کی ہدایت پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے ہندوستان کے 8000 اکاونٹس بلاک کر دیے۔ حالانکہ اس نے یہ بھی کہا کہ وہ حکومت کے اس حکم کا حامی نہیں لیکن قانون کا پابند ہے۔ جن کے اکاونٹس بلاک کیے گئے ان میں مکتوب میڈیا، بی بی سی اردو، فری پریس کشمیر اور دو صحافیوں مزمل جلیل اور انورادھا بھاسن قابل ذکر ہیں۔ حکومت نے نیوز ویب سائٹ ’’دی وائر‘‘ پر بھی پابندی لگا دی تھی۔ لیکن جب صحافیوں کی متعدد تنظیموں اور اداروں نے اس پر شدید احتجاج کیا تو اس نے پابندی اٹھا لی۔ لیکن اس نے فیک نیوز کے بھنڈار والے گودی میڈیا کے کسی چینل کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ اس نے ان کو مسلسل جھوٹ پھیلانے کی آزادی دے رکھی تھی جوب بھی جاری ہے۔ ہندوستان کی جانب سے پاکستان کے اندر دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملوں کے بعد اس کی جنونی رپورٹنگ نے پورے ملک کو خوف وہراس میں مبتلا کر رکھا تھا۔ لوگ اپنے عزیزوںاور رشتے داروں کو خوف زدگی کے عالم میں فون کرتے رہے۔ بہت سے لوگوں نے اندرون ملک کے اپنے اسفار منسوخ یا ملتوی کر دیے کہ پتہ نہیں کل کیا ہونے والا ہے۔ لیکن حکومت کانوں میں تیل ڈالے اور آنکھوں پر پٹی باندھے پڑی رہی۔ اس نے ان چینلوں کو قابو میں کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی۔

    دراصل یہی نیوز چینل حکومت کی سیاست کے لیے بیٹنگ کرتے رہتے ہیں۔ جب سے مرکز میں موجودہ حکومت قائم ہوئی ہے نیشنل میڈیا کا تحویل قبلہ ہو گیا ہے۔ اس نے تمام صحافتی اخلاقیات کو اپنے پیروں تلے روند دیا ہے۔ میڈیا کے لیے جو اخلاقی ضابطے تشکیل دیے گئے تھے ان کی کوئی حیثیت نہیں رہ گئی۔ ان چینلوں کی غلط اور گمراہ کن رپورٹنگ کے خلاف عدالتوں میں جانے کتنی درخواستیں داخل کی گئیں اور عدالتوں نہ یہاں تک کہ سپریم کورٹ نے بھی گودی میڈیا کو بارہا لتاڑ لگائی لیکن اس نے جیسے نہ سدھرنے کی قسم کھا رکھی ہے۔ موجودہ حکومت نے جو ایک فرضی قوم پرستی کی مہم چلا رکھی ہے گودی میڈیا اس مہم کا پرچم بردار بنا ہوا ہے۔ حکومت اگر خاموش بھی رہتی ہے توگودی میڈیا تیز آواز میں حکومت کا پرچار کرنے لگتا ہے۔ جو ایک خاص قسم کی ٹی وی قوم پرستی پیدا ہوئی ہے اس میں سوال پوچھنا گناہ ہے۔ اگر سوال پوچھا بھی جائے تو اپوزیشن سے نہ کہ حکومت سے۔ اس نے حکمراں جماعت بی جے پی اور اس کے رہنماؤں کی خوشامد کو ہی صحافتی اخلاقات بنا دیا ہے۔

    نیشنل میڈیا یا بہ الفاظ دیگر گودی میڈیا کی اس بے راہ روی اور اخلاقی پستی نے پوری دنیا میں ہندوستانی میڈیا کو بدنام کر دیا ہے۔ اس صورت حال سے سینئر صحافیوں اور زندگی بھر صحافتی اقدار کو سینے سے لگائے رکھنے والے ایڈیٹروں کے حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ چونکہ ایسے لوگوں اور تجزیہ کاروں کو نیشنل میڈیا پر جگہ نہیں دی جاتی اس لیے وہ لوگ سوشل میڈیا پر اور یو ٹیوب چینلوں پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہیں اور ہندوستان میں صحافتی اخلاقات کا جنازہ نکالے جانے پر فکر مندی ظاہر کرتے ہیں۔ لیکن ان کی آوازیں نقار خانے میں طوطی کی آواز بن کر رہ جاتی ہیں۔ ان کی باتیں سننے والا کوئی نہیں۔ ان کی فکرمندی سے فکر مند ہونے والا کوئی نہیں۔ وہ حکومت سے فریاد کرتے ہیں کہ وہ نیشنل میڈیا کو قابو میں کرے لیکن اس کے بھی کانوں پر جوں نہیں رینگتی۔ بہت سے تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ یہ صورت حال مستقبل کی صحافت کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ اگر یہ سلسلہ یوں ہی جاری رہا تو پھر ہندوستانی میڈیا کی عظمت رفتہ کبھی بھی واپس نہیں آسکتی۔

    پہلگام حملے کے بعد، آپریشن سندور سے قبل اور آپریشن سندور کے بعد جس طرح نیشنل میڈیا نے ہندوستان کا سر پوری دنیا میں نیچا کیا ہے اس سے قبل ایسی کوئی مثال نہیں ملتی۔ لیکن اس کے باوجود حکومت اس پر کسی بھی قسم کی پابندی لگانے کو تیار نہیں ہے۔ جب بھی ان نیوز چینلوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ ہوتا ہے تو وہ اس بیان کے پیچھے خود کو چھپا لیتی ہے کہ وہ پریس کی آزادی کی حامی ہے۔ لیکن اس کے نزدیک اس وقت پریس کی آزادی کا جذبہ کہاں چلا جاتا ہے جب وہ سوشل میڈیا اور آزاد میڈیا اور بالخصوص میڈیا کے ان پلیٹ فارموں کے خلاف کارروائی کرتی ہے جو اس کی خوشامد نہیں کرتے۔ آج ہندوستان پریس کی آزادی کی عالمی درجہ بندی میں بہت نیچے گر گیا ہے لیکن نہ تو حکومت کو کوئی فکر ہے اور نہ ہی نیشنل میڈیا کو۔

  • بہار اسمبلی انتخابات

    بہار اسمبلی انتخابات

    ملک کے مشہورر وکیل کپل سبل اور سابق مرکزی وزیر خارجہ یشونت سنہا کے درمیان گفتگو کاایک حصہ ان دنوں خوب وائرل ہورہا ہے۔جس میں ’’آپریشن سندور‘‘ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے گفتگو ہورہی ہے۔کپل سبل مرکزی حکومت سے متعلق کہتے ہیں کہ ’’آپ نے پاکستان پر بھی حملہ کردیا، پاکستان کو سبق بھی سکھادیااور گودی میڈیا بھی آپ کے ساتھ ہے مگر اس سے فائدہ کیا ہوا؟‘‘ اس کے جواب میں سابق مرکزی وزیریشونت سنہا جو بی جے پی سے کئی دہائیوں تک وابستہ رہ چکے ہیں کہتے ہیں کہ’’ آپ بھول گئے بہار اسمبلی انتخابات آرہے ہیں۔”  یشونت سنہاکہتے ہیں کہ ماضی میں بھی پلوامہ اور اوڑی میں دہشت گردنہ حملے کے بعدسیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی گئی تھی۔ پہلگام دہشت گردانہ حملہ اورآپریشن سندور کے بعد بھی سیاسی فائدہ اٹھانے کے لئے بی جے پی اور وزیر اعظم کی ریلی ، جلسہ جلوس اور روڈ شوکررہے ہیں ۔

    پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد جب پورا ملک سکتے کی حالت میں تھا۔وزیر اعظم مودی سعودی عرب کا دورہ درمیان میں ہی چھوڑ کر بھارت آگئے مگر انہوں نے  زخمیوں کی عیادت اور  زمینی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئےکشمیر کا دورہ کرنے کے بجائے حملے کے محض 48, گھنٹے بعد ہی بہار کے مدھوبنی ضلع کے جھنجھار پور میں ریلی سے خطاب کرنےکو ترجیح دی۔گرچہ اس ریلی میں سیاسی بیان بازی کے ساتھ پاکستان کو سخت پیغام بھی دیا گیا مگر وہ ایک سیاسی ریلی تھی۔ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد ملک کے حالات اورحملے کے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کی خاطرسیاسی جماعتوں نے اپنی تمام سیاسی پروگرام ملتوی کردئیے تھے۔ وقف ترمیمی قوانین 2025 جس میں مسلمانوں کی مذہبی آزادی کو سلب کیا گیا، کے خلاف مسلم پرسنل لا بورڈ اور دیگر مسلم تنظیموں نے بھی اپنے احتجاجی پروگرام کو معطل کردیا، مگر ملک کی حکمراں جماعت کے لئے بہار اسمبلی انتخابات کی تیاریاں اہم تھیں اور انہوں نے اس کو ترجیح دی۔ ماضی کے برخلاف اس مرتبہ یہ سوال بڑے پیمانے پر اٹھائے گئے کہ مودی کے لئے  ملک زیادہ اہم ہے  یا پھر بہار اسمبلی انتخابات۔

    پہلگام دہشت گردانہ حملہ، آپریشن سندوراور ذات کی بنیاد پر سروے کے فیصلے کی بنیاد پر کئی تجزیہ نگاروں اور سیاسی پنڈتوں کی رائے ہے کہ اس وقت بہار اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے اتحاد کے حق میں فضا ہموار ہے۔نیشنل ازم اور ذات کی بنیاد پر سروے کے فیصلہ نے این ڈی اے کو تقریباً اقتدار تک پہنچادیا ہے۔ راشٹریہ جنتا دل کی قیادت والے اتحاد کے لئے اس کا مقابلہ کرنا مشکل ہے۔ دراصل 1999میں کارگل جنگ اور 2019میں پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے بعد لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے تناظرمیں ان سیاسی تجزیہ نگاروں کی رائے کس حد تک درست  ہے، اس کو دیکھنے کی ضرورت ہے۔

    1999 اور 2019 کے بعد ہوئے لوک سبھا انتخابات میں حکمران نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کوقوم پرستی کا بھرپور فائدہ ملا تھا، وہ بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بڑی اکثریت کے ساتھ اقتدار میں واپسی ہوا۔

    تاہم یہ بھی دلچسپ بات ہے کہ 1999میں اتر پردیش میں جو فوج کو سب سے زیادہ نوجوان فراہم کرنے والی ریاست تھی، وہاں  بی جے پی کی سیٹوں کی تعداد 57سے گھٹ کر 29 ہوگئی۔جب کہ  غیر منقسم بہار میں، این ڈی اے نے 54 میں سے 41 سیٹیں جیت کر بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیاتھا۔اسی طرح 2019میں بالاکوٹ حملے کے بعد عام انتخابات میں، بہار میں این ڈی اے نے 40 پارلیمانی حلقوں میں سے 39 پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے کلین سویپ کیا تھا۔ لیکن اتر پردیش میں، اس کی تعداد 2014 میں 73 سے گھٹ کر 64 پر چلی گئی، جس کی بڑی وجہ سماج وادی پارٹی-بہوجن سماج پارٹی اتحاد تھا۔ دونوں نے مجموعی طور پر 15 سیٹیں جیتیں۔ تاہم 1999میں لوک سبھا انتخابات کےمحض چھ مہینے بعدفروری2000 میں ملک کی چار ریاستوں بہار ، ہریانہ، اڈیشہ اور منی پور میں اسمبلی انتخابات ہوئے ان چاروں ریاستوں میں نیشنل ازم اور جموں وکشمیر کے بلند و بالا پہاڑوں میں دو ماہ تک جاری رہنے والی کارگل جنگ میں فتح یابی کے ایشوز کی جگہ مقامی ایشوز حاوی رہے۔ ہریانہ و اڈیشہ میں بالترتیب انڈین نیشنل لوک دل اور بیجو جنتا دل، جو اس وقت این ڈی اے  اتحادی تھے، اقتدار میں آئے اور منی پور میں کانگریس نے جیت درج کی۔ بہار میں راشٹریہ جنتا دل ایک بار پھر سب سے بڑی پارٹی کے طور پر ابھری اور کانگریس و دیگر چھوٹی جماعتوں کے  اتحاد کے ساتھ  حکومت بنانے میں کامیاب ہوئی۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں نیشنل ازم اور قومی ایشوز کی بنیاد پر ووٹ ہوتا ہے مگر اسمبلی انتخابات میں بالخصوص بہار میں مقامی ایشوز اور سوشل انجینئرنگ کا اہم کردار ہوتا ہے۔ یہ بھی حقیقت ہے 1999اور 2019جیسے حالات اس وقت ملک میں نہیں ہیں۔بالاکوٹ حملے کے بعد مودی ایک ایسی شخصیت بن کر ابھرے تھے جن کے نیشنل ازم پر سوالات کھڑے نہیں کئے جاسکتے تھے۔ ان کی مقبولیت کی ہوا چل رہی تھی مگر پہلگام حملے کے بعدمودی کی کارکردگی اور نیت دونوں پر سوالات کھڑے کئے جارہے ہیں۔پہلگام  حملے کے بعد یہ سوالات پوچھے جارہے ہیں کہ سیکورٹی فورسز کہاں تھیں۔ بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول سے پہلگام  کا سوپیان مید ان 400 کلومیٹر دور ہے،  دہشت گرد کہاں سے آئے اور کہاں چلے گئے۔سیکورٹی میں خامیوں کی ذمہ داری کس کی ہے۔جموں و کشمیر کی سیکورٹی براہ راست مرکز کے زیر کنٹرول ہے تو پھر وزیر داخلہ امیت شاہ کو اس ناکامی کی ذمہ داری کیوں نہیں لینی چاہیے؟۔ آپریشن سندور اور اچانک جنگ بندی کا  اعلان بھی سوالوں کی زد میں ہے۔ ہند۔پاک تنازع کے درمیان اچانک امریکہ کی دخل اندازی کیوں ہوئی؟امریکہ کے اشارے پر جنگ بندی کیوں کی گئی۔ اگر امریکہ کا کوئی کردار نہیں تھا تو پھر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ، امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس اوروزیر خارجہ مارک پیو نے جنگ بندی کا کریڈٹ کیوں لیا۔ ٹرمپ تسلسل کے ساتھ اپنے اس دعوے پر کیوں قائم ہیں ۔غز ہ اور یوکرین میں جنگ بندی کرانے میں ناکام ٹرمپ دنیا کو کیوں بتارہے ہیں کہ ان کے سخت رویے کی وجہ سے دنیا کی دو بڑی ایٹمی طاقتیں جنگ بندی کےلئے آمادہ ہوئیں۔ ٹرمپ نے تو مسئلہ کشمیر کو ایک بارپھرزندہ کردیا۔ انہو ں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کے لئے وہ ثالثی کے لئے تیار ہیں۔ جب کہ مودی حکومت کا زعم تھا کہ دفعہ 370کی منسوخی کے بعد مسئلہ کشمیر کا ایشو ہمیشہ ہمیش کےلئے ختم ہوگیا۔ اس لئے یہ سوال اب  کافی اہمیت اختیار کرگیا ہے کہ کیا اس بار بی جے پی 2025 کا اسمبلی انتخاب بھی ’’نیشنل ازم ، دہشت گردی اور ذاتی سروے ‘‘ کے نام پر جیت پائے گی؟ کیا نتیش کمار کی 20سالہ حکومت کےخلا ف لہر اور عوامی ناراضگی پر قوم پرستی کا نعرہ غالب آجائے گا؟  اس سے بھی بڑا سوال یہ ہے کہ کیا بہار کی سیاست اس قدر آسان ہے کہ قومی ایشوز کی بنیاد پر انتخابات جیتے جاسکتے ہیں،  جب کہ بہارسے متعلق مشہور ہے کہ یہاں انتخابات میں ذات پات اور سوشل انجینئرنگ کا اہم کردار ہوتا ہے۔ کیا راشٹریہ جنتادل اور کانگریس کے ساتھ صرف یادو اور مسلم ووٹ ہی ہیں اور باقی تمام ذاتیں بی جے پی اور جنتادل یو اتحاد کے ساتھ ہیں؟۔ کیا بہار کے 17فیصد مسلم ووٹرس کی بڑی تعداد اس مرتبہ بھی جنتال دیو کے حق میں جائے گی؟یہ سوال اس لئے بھی اہم ہے کہ نتیش کماراور جنتادل یو بہارکے ووٹروں کو فریب دیتی رہی ہے کہ بی جے پی اتحاد کے باوجود وہ  اپنے سیکولر نظریہ پر قائم ہیں۔ ظاہر ہےکہ یہ فریب کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔  وقف قوانین میں ترمیم اور اس پر جنتادل یو کے موقف نے نتیش کمار کے سیکولرکردارکو مکمل طور پر بے نقاب کردیا ہے۔   اس مرتبہ بہار کےمسلم ووٹروں میں ناراضگی اس قدر شدید ہے کہ جنتادل یو کے مسلم لیڈرس عوام کا سامناکرنے سے کترار رہے ہیں۔ تاہم سیمانچل کشن گنج ، کٹیہار ،پورنیہ اور ارریہ جہاں مسلمانوں کی آبادی اوسطاًَ 44فیصد کے قریب ہے، اسدالد ین اویسی کی جماعت ایم آئی ایم کی مضبوط پکڑ کی وجہ سےمسلم ووٹرس کی تقسیم کا این ڈے اے کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ تاہم  پہلگام حملے کے بعد اسدالدین اویسی کے بیانات اور اب بیرون ممالک میں بھارت کی نمائندگی نے اسدالدین اویسی کی شبیہ تبدیل کردی ہے۔ وہ بیرون ممالک بھارت کی نمائندگی کرتے وقت مسلمانوں کے ساتھ جاری مظالم کی پردہ پوشی بھی کررہے ہیں۔ایسے میں یہ سوال بھی لازمی ہے کہ راشٹریہ جنتادل اور مہا گٹھ بندھن کو اویسی سے اتحاد سے گریز کیوں ہے؟۔ اگر اویسی کی پارٹی کو2020کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کی بنیاد پر مہا گٹھ بندھن تین سے چار سیٹیں دیتی ہے تو سیمانچل میں این ڈی اے اتحاد کی شکست یقینی ہے۔

    2014میں لوک سبھا انتخابات میں مودی راشٹروادکے نام پر ملک کے نجات دہندہ کے طور پر ابھرکر سامنے آئے تھے مگر ان کی کرشماتی شخصیت کا جادو 2015 بہار اسمبلی انتخابات میں نہیں چل سکا۔ چوں کہ نتیش کمار ان کے ساتھ نہیں تھے اس لئے وہ اقتدارمیں تو نہیں آئی تاہم سیٹوں کی بنیاد پر ریاست کی تیسری بڑی پارٹی بن گئی۔ 2019 میں راشٹرواد کے نا م پر لوک سبھا انتخابات میں شاندار کامیابی درج کرنے والا این ڈی اےاتحاد 2020کے اسمبلی انتخاب میں ناتجربہ کار تیجسوی یادوکے سامنے پست ہوگیا۔نتیش کمار کی سیٹیں بہت کم ہوگئیں اور بہار کی سب سے بڑی پارٹی کا خواب بھی بی جے پی کا پورا نہیں کرسکی۔معمولی فرق کے ساتھ این ڈی اے اقتدار میں پہنچ گئی۔ کانگریس مکمل طور پر اس وقت مایوسی کے دور سے گزررہی تھی۔ تاہم 2020کے مقابلے اس وقت  مہا گٹھ بندھن اتحاد انتہائی مضبوط ہے۔ راشٹریہ جنتادل، کمیونسٹ جماعتیں، کانگریس، ملاحوں کی جماعت وی آئی پی ، پارس پاسوان کی جماعت کا اتحاد ہے۔ کئی سیاسی تجزیہ نگار مانتے ہیں کہ ہندی ریاستوں کے مقابلے میں بہار میں اگر فرقہ پرستی عروج پر نہیں پہنچی ہے تو اس کے پیچھے زمینی سطح پر راشٹریہ جنتا دل اور کمیونسٹ نظریات کی مضبوط پکڑ ہے۔ انتخابی سیاست میں کمیونسٹ جماعتیں بہت زیادہ کامیابی حاصل نہیں کرپاتی ہیں مگر آر ایس ایس  بیانیہ کا زمینی سطح پر نہ صرف مضبوط مقابلہ کرتی ہے بلکہ سماجی انصاف اور مساوات کے بیانیہ کو فوقیت دیتی ہیں۔ اس لئے بہار اسمبلی انتخابات میں نیشنل ازم ، ترنگا یاترا اور سندور مہم پر بی جے پی کو خودبھی زیادہ بھروسہ نہیں ہے۔ چنانچہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے آٹھ دن بعد، جب قوم، حزب اختلاف اور یہاں تک کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے کیڈرس بھی  دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی توقع کر رہے تھے، نریندر مودی حکومت نے اعلان کیا کہ وہ ذات پات کی مردم شماری کرائے گی۔ اس اچانک فیصلے نے ملک کو حیران کردیا۔ یہ سوال کیا جانے لگا کہ اس ماحول میں وزیر اعظم کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے سیاسی امور (سی سی پی اے) کا اجلاس اتنی فوری طور پر کیوں کرایا گیا؟۔ دراصل بی جے پی کو یہ احساس ہوگیا تھا کہ پہلگام حملے کے بعد وہ سوالوں کی زد پر آجائے گی۔ اس لئے  وہ اس فیصلہ پر مجبور ہوئی جس کی وہ مخالفت کرتی رہی تھی اور جو

    آرایس ایس کی بنیادی سوچ کے خلاف تھا۔ذات پات سرو ے کا ایجنڈا دراصل سوشلسٹ پارٹیوں کا رہا ہے۔سماجوادی اور راشٹریہ جنتادل جیسی سیاسی جماعتیں اس ایجنڈے کو آگے بڑھارہی تھیں مگرراہل گاندھی نے ذات پات کی مردم شماری کو اپنے سیاسی ایجنڈے کی بنیادبناکراس مطالبہ کو قومی سطح پر وسعت دیدی۔ اور اسے کانگریس و سوشلسٹ پارٹیوں کے سماجی انصاف کے مطالبات کے ساتھ ہم آہنگ کردیا۔ سنگھ پریوار بشمول مودی، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ ذات پات کی مردم شماری کی شدید مخالف رہے ہیں۔ جب تیجسوی یادو اور کانگریس کی حمایت یافتہ نتیش کمار حکومت نے 2023 میں بہار میں ذات پات کا سروے کرانے کا فیصلہ کیا تو مودی نے اسے ہندو سماج کو ذات پات کی بنیاد پر تقسیم کرنے کا پاپ (گناہ) قرار دیا تھا ۔ بی جے پی کے حمایت یافتہ وکلاء نے اس سروے کو ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں چیلنج کیا اور  حکومت کی ملازمتوں میں پسماندہ طبقات کے کوٹہ کو 65 فیصد تک بڑھانے کے فیصلے کی بھی مخالفت کی۔ پہلگام حملے کے بعد کشمیریوں کی کشمیریت جو انسانیت سے ماخوذ ہے اور ملک بھر میں مسلمانوں کا یک زبان اس حملے کی شدید مذمت نے حملے کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کو ناکام بنادیا ۔نام پوچھ کر مارے جانے کو میڈیا کے ذریعہ بہت ہی تقویت دی گئی مگر کشمیریت اور انسانیت نےاس مہم کو بھی ناکام بنادیا، تب بی جے پی حکومت نے ذات پر مبنی سروے کرانے کا فیصلہ کیا۔ جب کہ ذات پات کی مردم شماری کا مقصد ملازمتوں اور حکمرانی میں پسماندہ برادریوں کے لیے متناسب نمائندگی کو یقینی بنانا ہے۔ بی جے پی تاریخی طور پر سماجی انصاف کے ایجنڈے کی مخالف رہی ہے۔وی پی سنگھ، جن کو جنتا پریوار کی پارٹیوں جیسے لالو  پرساد یادو اور ملائم سنگھ یادو کی حمایت حاصل تھی، نے 1990 میں منڈل کمیشن کے 27 فیصد او بی سی کوٹے کو نافذ کیا تھا تب بی جے پی لیڈر ایل کے اڈوانی نے ’’منڈل بمقابلہ کمنڈل‘‘ کی تقسیم کو جنم دیتے ہوئے رام رتھ یاترا کا آغاز کیا۔ 34 سالوں سے بی جے پی نے سماجی انصاف کی جماعتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مذہبی موضوعات رام، ایودھیا، متھرا، کاشی، سنبھل، اورنگ زیب، بابر کا استعمال کیا ہے۔آرجے ڈی کے سینئر لیڈر شیوانند تیواری نےذات پر مبنی سروے کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے اپنے سوشل میڈیا ا کاؤنٹ پر لکھا ہے کہ ’’ہندتوا کے حامی، جو پہلگام  حملے کو فرقہ وارانہ الفاظ میں ڈھال رہے تھے اور اسے مسلمانوں سے جوڑ رہے تھے نیز اپوزیشن پر ذات پات کی تقسیم کو ہوا دینے کا الزام لگا رہے تھے اور انہیں پاکستان کے حامی بتارہے تھے ۔مگر اس میں جب انہیں ناکامی ہاتھ لگی تو ذات پر سروے کرانے کا فیصلہ کیا ۔وزیر اعظم کے طور پر ایک دہائی سے زائد عرصے میں یہ پہلا موقع ہے کہ مودی نے اپوزیشن کے ایجنڈے کو اپنایا ہے‘‘۔ مگر سوال یہ ہے کہ بہار میں ذات کی بنیاد پر سروےپہلے بھی ہوچکے۔ کیا جس کی جتنی حصہ داری اس کی اتنی نمائندگی کے مطالبہ کو تسلیم کرلیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کئی اور سوالات ابھر کر سامنے آئے ہیں ۔کیا مودی ریزرویشن کی حد کو بڑھانے کے لئے تیار ہیں؟۔ کیا این ڈی اے چراغ پاسوان کی ناراضگی مول لے کر دلتوں کی چھٹ ذاتوں کے لئے سب کوٹہ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔یہ وہ سوالات ہے جواین ڈی اے کو پریشان کررہے ہیں ۔دوسرے یہ کہ بہار کی 10فیصد اعلیٰ ذاتیں بھی مودی کے اس فیصلے سے مایوس ہیں ۔ان کے لئے این ڈی اے کو غیر مشروط حمایت فراہم کرنا اب مشکل ہوگیا ہے۔ نتیش کمار کی شخصیت این ڈی اے کا اثاثہ ہوا کرتی تھی۔مگر بگڑتی ہوئی صحت، ذہنی توازن میں گراوٹ نے نتیش کمار کی معتبریت پر سوالیہ نشان لگادیاہے۔نتیش کمار کی قیادت میں انتخاب لڑنے کی بات تو کی جارہی ہے مگر نتائج کے بعد نتیش کمار ہی وزیر اعلیٰ ہوں گے،  بی جے پی اس کا یقین نہیں دلا پا رہی ہے۔ ظاہر ہے ان سب کا فائدہ آرجے ڈی کو ہی ہوگا۔ کانگریس نے چراغ پاسوان اور جتن رام مانجھی کے دلت ووٹ کی سیاست کو چھیننے کی بھر پور کوشش کی ہے۔کنہیاکمار کی یاترا نے بہار کے نوجوانوں میں تلاش معاش کے لیے بیرون ممالک اور دوسری ریاستوں کو بڑا ایشو بناکر نوجوانوں کو سوچنے پر مجبور کردیا ہے۔ ہیومن ڈیولپمنٹ کے معاملے میں بہار آج بھی بہت پیچھے ہے۔تعلیم کی صورت انتہائی خراب ہے اور اسکول ویران  ہیں ۔نتیش کمار کے ترقیاتی چہرے کو جہاں تیجسوی یادو، کنہیا کمار چیلنج کررہے ہیں، وہیں بہار میں جن سوراج کی شکل میں پرشانت کشور کی موجودگی نے تمام سیاسی جماعتوں کے حساب کتاب کو بگاڑدیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ بہار میں نیشنل ازم،فرقہ پرستی،سوشل انجینئرنگ کی سیاست کامیاب ہوگی یا پھرسماجی انصاف، بہار سے ہجرت، روزگار ، تعلیمی و معاشی بدحالی کا ایشو حاوی رہے گا۔تاہم یہ بات طے ہے کہ اگر بہار کے مسلمانوں نے سیاسی بصیرت کا ثبوت دیا تو موقع پرست نتیش کمار کی وداعی طے ہے۔