Author: مدیر

  • مہاراشٹر  کا اسمبلی انتخاب اور بی جے پی کی پریشانی

    مہاراشٹر  کا اسمبلی انتخاب اور بی جے پی کی پریشانی

    ہر گزرتے وقت کے ساتھ مہاراشٹر میں بی جے پی اور اس کے حلیفوں کے لئے زمین تنگ ہوتی جارہی ہے ۔ دوریاستوں جموں کشمیر اور ہریانہ کے الیکشن کی تاریخوں کے اعلان سے دو روز قبل ریاستی بی جے پی کے کسی لیڈر نے یہ پیشن گوئی کی تھی کہ ریاستی الیکشن کے بعد مہاوکاس اگھاڑی کا نام و نشان ہی مٹ جائے گا ۔ مذکورہ لیڈر نے بزعم خود ایسی بات کہی جو ان کی نظر میں بہت بڑی ہے ۔لیکن دوسری جانب وہ مہاراشٹر میں وقت پر انتخاب کرانے کی ہمت نہیں پیدا کرسکے ۔ اس پر این سی پی کے لیڈر شرد پوار نے طنز کیا کہ پورے ملک میں ایک ساتھ الیکشن کا ڈھنڈورا پیٹنے والے تین ریاستوں میں بھی ایک ساتھ الیکشن نہیں کرا سکے۔

    لوک سبھا الیکشن سے قبل ہی این ڈی اے کو یہ خدشات تھے کہ وہ مہاراشٹر میں بہت کچھ کھونے والے ہیں  ۔ یہی وجہ ہے کہ اس وقت  بی جے پی نے ریاست کو اپنے خاص ٹارگیٹ میں رکھا ہوا ہے-  وزیر اعظم کی بار بار آمد ہورہی ہے اور ہر بار کسی نہ کسی منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھا جاتا ہے یا پھر کسی نئے منصوبہ کی شروعات کا اعلان ہوتا ہے۔ ان سب کے باوجود مہاراشٹر میں اس بار انہیں خاصا نقصان اٹھانا پڑسکتا ہے۔ ریاستی اسمبلی میں ہزیمت سے بچنے کے لئے ایک تو یہاں کے انتخابی عمل کو ٹالا جارہا ہے اور دوسرے پی ایم کے طوفانی دورے شروع ہوچکے ہیں  ۔ ہر دورہ پر کسی نہ کسی ترقیاتی منصوبہ کااعلان کیا جاتاہے ۔ لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اب وقت بی جے پی کا ساتھ نہیں دے رہا ہے اور ہر بار اپوزیشن کو کوئی نہ کوئی نیا شوشہ مل جاتا ہے جس سے کہ وہ  بی جے پی کی مخلوط حکومت کو عوام کے سامنے بے نقاب کرسکے  ۔مہاراشٹر اسمبلی الیکشن بی جے پی کے لئے ایک پریشان کن مرحلہ ہے جسے وہ الیکشن کمیشن کے ذریعہ پار لگانے کی کوشش میں ہے ۔ ہوسکتا ہے اس بار  پارٹی کی کشتی بیچ منجدھار میں ڈوب ہی جائے ۔ہم الیکشن کمیشن کے ذریعہ ریاستی الیکشن کا اعلان نہ  کئے جانے کو اسی زمرے میں رکھتے ہیں۔

    بی جے پی کی حالیہ بدقسمتی کا ایک معاملہ یہ بھی ہے کہ سندھو درگ کے مالون میں آٹھ نو ماہ قبل وزیر اعظم نے شیو اجی کے جس مجسمہ کی نقاب کشائی کی تھی وہ ایک معمولی ہوا کے جھونکے میں زمین بوس ہوگیا اور اب اس کی وجہ سے حکومت کو اپوزیشن کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا ہے ۔ مجسمہ گرنے کی تصویر بڑی عبرت ناک ہے۔ کسی کی جانب سے اس ویڈیو پر پابندی کی بات بھی آئی تھی مگر وہ خوب وائرل ہورہا ہے ۔مجسمہ کے انہدام پر سیاست بھی خوب ہورہی ہے، جبکہ بی جے پی کی جانب سے اپیل کی گئی کہ اس پر سیاست نہ کی جائے مگر خود بی جے پی اس پر سیاست کررہی ہے- چنانچہ مالون کے قلعہ میں مجسمہ کے قریب این ڈی اے اور انڈیا اتحاد کے حامیوں میں جوتم پیزار کی نوبت آگئی ۔ انڈیا اتحاد خصوصا شیو سینا (ادھو) کی جانب سے جوتے مارو تحریک شروع کرنے کا بھی اعلان ہوا ۔ غرض کہ اس معاملہ نے اپوزیشن کو حکمراں محاذ کے خلاف ایک موقع فراہم کردیا ہے، جس سے بی جے پی حواس باختہ ہے ۔

    چھہتر ہزار کروڑ کے وادھوان بندر گاہ کی تعمیر کا افتتاح کرتے وقت وزیر اعظم نے شیواجی کے مجسمہ کے انہدام پر عوام سے معافی بھی مانگی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سر جھکا کر اس کے لئے معافی مانگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیواجی ان کے لئے دیوتا کی طرح ہیں ۔ اس کے بعد انہوں نے اپنی دیرینہ روش کے مطابق اپوزیشن کو بھی نشانہ بنایا- تاہم  شیوا جی کے مجسمہ کا معاملہ اتنا چھوٹا نہیں ہے کہ وزیر اعظم یا ان کی پارٹی اس سے با آسانی بری الذمہ ہوسکے ۔ شیواجی کو مہاراشٹر میں ایک خاص اہمیت حاصل ہے ۔ مجسمہ کے انہدام کو مراٹھوں کی جانب سے شیواجی کی توہین قرار دیا گیا تو کانگریس نے اسے بدعنوانی کی بدترین مثال کے طور پر پیش کیا اور وزیر اعظم کی معافی کو ایک ڈھونگ قرار دیا  ۔مہاراشٹر میں اس وقت یہ سب سے  بڑا  مسئلہ ہے حالانکہ ریاست پہلے ہی سے متعدد عوامی مسائل سے جوجھ رہی ہے ۔

    خواتین کے خلاف جرائم میں اضافہ بھی مہاراشٹر میں ایک اہم مسئلہ ہے ۔ کولکاتا ریپ اور قتل کے منظر عام پر آنے کے بعد سے مہاراشٹر میں بھی اس طرح کے واقعات کا تسلسل دیکھنے کو مل رہا ہے ۔ جس میں سب سے اہم بدلا پور اسکول کا معاملہ ہے جہاں تین اور چار سال کی دو معصوم بچیوں کو اسکول کے خاکروب نے ہوس کا نشانہ بنایا ۔ اس واقعہ کو بھی پولس نے دبانے کی پوری کوشش کی تھی تاہم  یہ اس وقت منظر عام پر آگیا جب ایک خاتون رپورٹر نے اس کی رپورٹنگ کی، جس پر شندے گروپ کے سابق کارپوریٹر نے اس خاتون رپورٹر سے انتہائی گندی زبان میں پوچھا ’’کیا تمہارا ریپ ہوا ہے‘‘۔ اسی طرح پولس نے بھی پہلے رپورٹ درج نہیں کی جس پر عوام کا غصہ پھوٹ پڑا اور انہوں نے اسکول میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور اسٹاف کے ساتھ مارپیٹ تک کی نوبت بھی آگئی ۔ عوام اتنے مشتعل تھے کہ انہوں نے بدلا پور اسٹیشن پر ٹرین کو روک دیا ۔ گھنٹوں پولس کی مشقت اور سیاست دانوں کے سمجھانے بجھانے پر بھیڑ وہاں سے منتشر ہوئی ۔ اس ہنگامہ آرائی کے باوجود جب بچیوں کے والدین پولس اسٹیشن ایف آئی آر درج کرانے گئے تو انہیں تین گھنٹہ تک انتظار کرنا پڑا ۔ پولس سے تو آپ کسی انصاف یا کاروائی کی امید نہیں کرسکتے ۔ہر معاملہ میں عوام کو ہی پیش قدمی کرنی پڑتی ہے اس  وقت تک کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا۔

    اس وقت مہاراشٹر میں مسائل کی فہرست میں شیواجی مجسمہ کے انہدام کا معاملہ اور خواتین کے تحفظ کا مسئلہ سر فہرست ہے ۔ مجسمہ سے حکومت کی جو سبکی ہونے تھی وہ ہو چکی ، مودی کے سر جھکا کر معافی مانگنے کا کوئی اثر ریاست کے عوام پر نہیں ہوا اور اپوزیشن اس معاملہ کو جتنا طول دے گی بی جے پی کا  سر درد  اتنا ہی بڑھے گا ۔ دوسرا اہم مسئلہ خواتین کی عفت و عصمت کے  تحفظ کا مسئلہ ہے اور تواتر کے ساتھ آنے والی جرائم کی خبریں بھی عوام کو حکومت سے برگشتہ کرنے کا سبب بن رہی ہیں ۔اب ریاستی  حکومت کے پاس ایک ہی راستہ باقی رہ گیاہے کہ کسی بھی طرح عوامی فلاح بہبود کے کاموں کی خوب خوب تشہیر کی جائے تاکہ نقصان کی بھرپائی ہوسکے ۔ خبر ہے کہ لاڈلی بہنا منصوبہ کے تحت لاکھوں خواتین کے اکائونٹ میں دو مہینہ کا تین ہزار روپیہ آچکا ہے اور بار بار یہ یقین دہانی کرائی جارہی ہے کہ جن کو نہیں ملا ہے ان کے اکائونٹ میں تین ماہ کا ساڑھے چار ہزار روپیہ جمع ہے۔ امید ہے کہ الیکشن کمیشن مہاراشٹر کے الیکشن کو اس وقت موخر کرتا رہے گا جب تک ریاستی حکومت اور وزیر اعظم کی جانب سے ریاست میں کامیابی کے لئے فول پروف بندوبست نہیں کرلیا جاتا ۔ فرقہ وارانہ خطوط پر ووٹوں کا ارتکاز بھی ناکام ہوچکا ہے ۔ کوشش تو بہت کی جارہی ہے لیکن مسلمانوں کے صبر و ضبط کے سبب فسادی ٹولہ کو مسلسل ناکامی کا منھ دیکھنا پڑ رہا ہے ۔

    مگر عوامی رجحان ، جس کا اندازہ میدان میں رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں سے ہوتا ہے اور وہ یہ ہے کہ بہت کچھ یا یوں کہہ لیں سب کچھ کرنے کے باوجود بھی بی جے پی اپنی جیت کو صد فیصد یقینی نہیں بتا سکتی ۔ کیوں کہ اب مودی میجک بھی باقی نہیں رہا اور تواتر کے ساتھ درج بالا وقعات کے رونما ہونے کی وجہ سے ماحول ان کے خلاف ہی ہے ۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ الیکشن کمیشن کب تک مہاراشٹر کے ریاستی الیکشن کو تیوہاروں کے بہانے ٹالنے کی کوشش کرتا ہے ۔

  • من پسند تصویربنانے اور بگاڑنے کی کسرت

    من پسند تصویربنانے اور بگاڑنے کی کسرت

    سنگھ اور بی جے پی کی سربراہی میں ہندو اکثریتی سماج کے ہندوتو وادی طبقے کے درمیان دیس، دنیا اور دھرم کی ایک خاص طرح کی تصویر بنانے کے لئے ان تھک جتن کیا جا رہا ہے لیکن اپنی من پسند تصویر بنانے کی تمام تر کوششیں رائیگاں ہی چلی گئی ہیں۔ ہندوتو کے نام پر اکثریتی سماج کی ملک کی واحد تہذیب کے تصور کے تحت ایک متحدہ تصویر بنانے کی بار بار کوشش کی جاتی ہے لیکن متحدہ نظریاتی اساس کے فقدان کے سبب کسی نہ کسی معاملے میں بات بنتے بنتے، اجتماعی سماج کی تشکیل کے دوران  بگڑ کر پھر  وہیں پہنچ جاتی ہے، جہاں سے شروع کی گئی تھی۔ برہمن وادی ہندو سماج ہزار کوششیں ہندوتو اور ہندو، ہندی اور ہندستان کے عنوان سے کرلے لیکن اونچ نیچ کی سوچ پر مبنی ذات پات پر قائم چار طبقاتی نظام اور ورن آشرم کی بنیاد جڑ میں ہونے کی وجہ سے برہمن، کشتری،  ویش اور شودر،  پچھڑا،  اتی پچھڑا،  چھوت اچھوت کی باتیں،  ہندو یک جہتی اور اتحاد کی راہ میں دیوار بن کر کھڑی ہو جاتی ہیں۔

     ہندو سماج پر طبقاتی نظام  اس قدر گہرائی سے پیوست  ہے اور اس پر مذہب کی  تائید اتنی مضبوطی سے اپنا پنجہ گاڑ چکی ہے کہ اس کی تردید کی جرأت و ہمت قدیم عہد وسطی سے لے کر عہد جدید تک کے بڑے بڑے مصلحین بھی نہیں کر سکے۔  راجا رام موہن رائے،  سوامی دیانند سرسوتی،  سوامی وویکا نند،  گاندھی جی وغیرہ نے بھی مختلف قسم کی تاویلیں کر کے چار طبقاتی اور ورن آشرم پر مبنی نظام کی تائید و تحسین کر کے اس کو مزید جواز ہی فراہم کیا ہے۔  آر ایس ایس کے دوسرے سنگھ سرسنچالک مادھو سدا شیو گرو گولولکر  نے ذات پات کے نظام کی یہ کہہ کر تحسین کی کہ اس کی وجہ سے اسلام اور عیسائیت کوہندو سماج میں  نفوذ میں کامیابی نہیں مل سکی۔  اشاعت اسلام کی رفتار ان علاقوں میں زیادہ تیز تھی جہاں بدھ مت کے اثرات کی وجہ سے ذات پر مبنی نظام کمزور اور ڈھیلا ہو گیا تھا۔  پنڈت دین دیال اپادھیاے نے گرو گولولکر کی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے چار طبقاتی نظام کو سماج کی ایکاتمتا  (اتحاد ) کا خوب صورت نام و عنوان دے کر اسے ایک الگ ہی رنگ میں پیش کیا ہے۔  جب کہ دوسری طرف ڈاکٹر امبیڈکر نے مذکورہ حضرات کی تمام تر تاویلات کو مسترد کرتے ہوئے طبقاتی بنیاد پر سماج کی تقسیم پر سخت اعتراض کیا ہے۔ اس سلسلے میں 22/جلدوں پر مشتمل ان کی کلیات  امبیڈکر وانگمے میں مختلف عنوانات کے تحت خاصے تفصیلی بیانات اور تنقیدیں درج ہیں۔ اسی طرح جیوتی با پھولے، سوامی نائیکر پیری یار، سوامی اچھوتا نند،  بابو جگدیو پرساد وغیرہ نے بھی ہندستانی تہذیب  اورسناتن سنسکرتی کے نام پر برہمن واد اور منو واد کو ملک کے تمام باشندوں میں قبولیت دلانے کی کوششوں کو بے نقاب کیا ہے۔  اسے بعد کے دلت اہل علم نے  آگے بڑھاتے ہوئے کچھ ایسے  نکات  بھی پیش کئے جس نے ہندوتو وادی دانش وروں اور  ہندو راشٹر کے حامی عناصر کے لئے مشکلات کھڑی ہوگئی ہیں۔

    معروف ہندی ادیب و دانشور  کملیشور نے اپنی بہت ہی معروف تخلیق  "کتنے پاکستان ” میں تفریق پسند عناصر پر حملہ کرتے ہوئے  اپنے اصلی وطن کی تلاش کے عمل کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے برہمن واد پر مبنی دانش وری کے بوچڑ خانے کے اندرون کو بھی دکھانے کی کوشش کی۔  ہم نےاس کتاب کا پہلا اور 23وان اڈیشن بھی پڑھا ہے۔  کملیشور نے سماجی اونچ نیچ کے تناظرمیں رام چندر کے عہد میں ان کے ہاتھوں شمبھوک  کےقتل کے نتیجے میں کالی آندھی سے سماج کے پیڑ پودوں کو بھیانک روپ  میں ہلتے ہوئے دکھایا ہے۔  اس پر لوگوں نے جس طرح توجہ دی ہے اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان میں اونچ نیچ اور ایک طبقے کی سماج پر اجارہ داری اور تفوق پسندی کی تہہ میں پوشیدہ ذہن و کردار کو جاننے وسمجھنے کا جذبہ کس تیزی سے پروان چڑھ رہا ہے۔  اس سے توجہ ہٹانے کے لیے مختلف قسم کے ہتھکنڈے استعمال کے جاتے ہیں۔ اجودھیا کے انتخابی نتیجہ کو لے کر بی جے پی کے اندر ابھرے اختلافات اور کئی دیگر باتوں کے تناظر میں راہل گاندھی قابل توجہ بن رہے ہیں، اس سے عوام کی  توجہ ہٹانے کے لیے دکانوں اور ہوٹلوں وغیرہ پر نیم پلیٹ لگانے کا فرقہ وارانہ کارڈ کھیلا گیا ۔ بار بار ہندو سماج کے داخلی و خارجی تضادات کو دور کر کے اسے مثبت بنیادوں پر استوار کرنے کے بجائے مسلمانوں کی قابل نفرت انگیز اور مکروہ شبیہ پیش کر کے ہندو سماج میں منفی رجحان کو فروغ دیا جا رہا ہے۔  برطانوی سامراج کی سامراجی مقاصد کے تحت وضع  کردہ تاریخی مواد سے کام لے کر ملک کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور تکثیری معاشرے کی تنوع پسندی کو تسلسل کے ساتھ تباہ کیا جا رہا ہے۔ بھارت کی ایسی بے چہرہ تصویر بنائی جا رہی ہے جس کی شناخت تک مشکل ہوجائے گی۔ ملک میں ایسا دھند زدہ ماحول پیدا کیا جا رہا ہے جس نے  دن اور رات کا فرق تک ختم کردیا ہے-  بسا اوقات لوگوں کو لگتا ہے کہ آدھی رات میں بھوت پریت مر گھٹ کی ادھ جلی ہڈیوں سے گتھم گتھا ہیں۔  اس سے ڈر کر بہت سے لوگ جنت ارضی کی تلاش میں  بحر مردار کے اس علاقہ  میں پہنچ جاتے ہیں جہان قطار اندر قطار شجرہائے خبیثہ کھڑے ہیں۔  جہان  کسی کا درخت کا  پھل کھالینا تو دور  محض چھو لینے سے ہی آدمی برہنہ ہو جاتا ہے۔  ایسا لگتا ہے کہ بہت سے لوگ گدھ کے جھنڈ میں تبدیل ہوگئے ہیں، جن کے مقدر میں مردار کھانا ہی لکھا ہے۔  ایسے افراد کس طرح اخلاقی اقدار پر سیاست و سماج کی تشکیل کر سکیں گے۔  جنت کے شجرہ ممنوعہ کا پھل کھانے کے بعد احساس شرمندگی و ندامت کے نتیجے میں  جب  توبہ کا در وا ہو جاتا ہے تو آدمی ساتر لباس اور نیکی کی طرف فوری یا دیر سویر لوٹ آجاتا ہے۔ لیکن فرقہ پرستی کے ممنوعہ علاقے میں بس جانے والے لوگ واپس لوٹنے کے بجائے  دوسروں کو بھی بند گلی کی طرف لے جارہے ہیں۔ مسلم راشٹریہ منچ کا کوئی بھی فرد  مدارس، مساجد، مکانوں اور مزاروں کے انہدام پر منھ نہیں کھولتا اور اگر کبھی کھولتا بھی ہے تو اکثر اپنے ہی لوگوں  کے خلاف- پورے ملک میں مسلمانوں کو مین اسٹریم سے الگ تھلگ کرنے کی مہم زوروں پر ہے۔  اس کو احساس محرومی و شکست و ریخت میں مبتلا رکھنے کے لیے  آئے دن نئے نئے حربے اختیار کیے جاتے ہیں۔  ملک کی راجدھانی دہلی سے لے کر ریاستی راجدھانیوں اور اہم  مقامات پر رونما ہونے والے واقعات  شہادت دے رہے ہیں کہ اس کے پیروں تلے سے زمین کھینچی جارہی ہے۔  اسلامی آثار، معابد و ماثر پر ہندو و جینی معابد و ماثر ہونے کے دعوے کے ساتھ مختلف عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کے علاوہ، برق رفتار انہدامی کارروائیوں کے پس پشت کار فرما مقاصد و عزائم کو جاننا مشکل نہیں ہے۔  آر ایس ایس کی طرف سے  بار بار کہا جاتا ہے کہ ہمیں تمام طریقہ ہائے عبادت تسلیم ہیں اور ہمارے  نزدیک ملک کے تمام باشندے ہندو ہی  ہیں لیکن رویہ اس کے برعکس ہے۔  سب کا ساتھ  سب کا وکاس  اور سب کا وشواس محض ایک جملہ ہے جو خفیہ عزائم پر پردہ ڈالنے کے لیے لگایا جاتا ہے۔

     سی اے اے قانون کے تحت ملک کے باشندوں میں مذہب و فرقہ کی بنیاد پر تفریق  قطعی طور پرغیر آئینی قدم ہے۔  جن ممالک کی غیر مسلم اقلیتوں کو بھید بھاؤ اور امتیازی سلوک کے نام پر بھارت کی شہریت دینے کی بات کہی جارہی ہے وہ دراصل اسرائیل نسلی پالیسی کو ملک میں  نافذ کرنے کی کوشش ہے۔ جس کے تحت دنیا کے تمام یہودیوں کو اسرائیل میں لانے کی کوشش کی گئی تھی-  افغانستان،  بنگلہ دیش اور پاکستان میں سے کوئی بھی مسلم ملک اس پوزیشن میں نہیں ہے کہ وہ وہاں کی غیر مسلم اقلیتوں کے تحفظ اور ان کے بنیادی حقوق و اختیارات کے معاملہ  میں کسی بات کو ماننے سے انکار کر سکے۔  جب کہ پاکستان کی طرف سے یہ دعویٰ بھی کیا جاتا ہے کہ انڈیا سے زیادہ ہم اپنی غیر مسلم اقلیتوں کی جان و مال اور حقوق کا تحفظ کرتے ہیں۔  گزشتہ دنوں روز نامہ جنگ نے اپنے ایک اداریے میں اس تعلق سے کئی باتیں لکھی تھیں۔  اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت دنیا کے تمام  ممالک کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے  ملک میں  اقلیتوں کی جان و مال اور ان کے بنیادی حقوق کا تحفظ کریں۔ مسلم ممالک چاہے وہ جمہوری وسیکولر ہوں یا بادشاہی نظام کے تابع ان کی آئینی و شرعی ذمہ داری ہے کہ وہ غیر مسلم اقلیتوں کے حقوق و آزادی کا تحفظ کریں۔  اگر بھارت  مسلم ممالک کی غیر مسلم اقلیتوں اور ان کے حقوق و اختیارات کے تحفظ کے لیے آواز اٹھائے گا تو پوری دنیا کے مسلم اور  غیر مسلم ممالک اس کی حمایت کریں گے۔ تاہم حکومت کو اپنے دامن پرلگے داغ دھبوں پر بھی تو نظر  ڈالنی چاہیے-   بنگلہ دیشی دراندازوں کے نام پر بھارت کے شہریوں کو غیر ملکی قرار دینے والی تمام سرگرمیاں  پوری طرح فرقہ وارانہ ذہنیت کی پیداوار، ملک کی ترقی میں رکاوٹ اور عدم استحکام پیدا کرنے والی ہیں۔  بھارت ایک  تکثیری سماج اور متنوع روایات کا حامل ملک ہے اور  یہی اس کی اصل شناخت ہے۔ اس کے بر عکس فرقہ وارانہ سوچ کے تحت کسی بھی طرح کی تصویر کشی درست نہیں۔  یہ ملک کی تصویر بنانے کا عمل نہیں بلکہ اس کی تصویر بگاڑنے کا مجرمانہ عمل ہے۔  جس کی مزاحمت  وطنی  وابستگی رکھنے والے تمام ہندستانیوں کا قومی تقاضا و فریضہ ہے۔  اس کو ادا کرنے کی ہرشکل آئین کے دائرے میں ہو گی۔  ملک کی آزادی کی تحریک اور وقت پڑنے پر آزادی کو بچانے کی تحریک بھی ضروری ہے۔ اگر چہ تصویر بگاڑنے کی کوششوں کی زد میں تمام محنت کش طبقات،  دلت، آدی واسی بھی ہیں تاہم مسلم اقلیت اور اس کی جان و مال،  دینی ملی شناخت اور تہذیبی آثار اور معابد و ماثر،  مدارس،  مساجد،  تاریخی عمارتیں،  یادگاریں سب سے زیادہ زد پر ہیں۔  اسی کے پیش نظر مسلم قیادت، تنظیموں اور  جماعتوں کی ذمہ داری دوسروں سے کہیں زیادہ ہے۔  دوسروں کے تہذیبی آثار  فسطائی عناصر  اور سرکاروں کے نشانے پر  مسلم  اقلیت کی بہ نسبت بہت کم ہیں۔  البتہ ملک کے کئی خطوں میں آدی واسیوں کے زر، جنگل اور زمین  سرکار کے تعاون سے ملٹی نیشنل اور سرمایہ دار کمپنیوں کی زد میں ہیں۔ ضرورت  اس بات کی ہے کہ مسلمان، دیگر اقلیتیں، دلت، ادی باسی اور تمام انصاف پسند افراد و بہی خواہاں ملک، تصویر بگاڑنے کی ان کوششوں کے خلاف صف آراء ہوجائیں۔

  • یوپی میں مسلم سیاسی پارٹیوں کا مستقبل

    یوپی میں مسلم سیاسی پارٹیوں کا مستقبل

    یو پی میں مسلم آبادی کا تناسب بیس فیصد سے زیادہ ہے ۔آبادی کا یہ تناسب ملک کی کئی دیگر ریاستوں کے مقابلے کئی گنا زیادہ ہے ۔لیکن اتنی بڑی آبادی ہونے کے باوجود سیاسی اعتبار سے یہاں کے مسلمان سب سے نچلی پائیدان پر ہیں۔مسلمانوں کی سیاسی پسماندگی کا اندازاہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اتنی بڑی آبادی میں ایک بھی ایسی شخصیت نہیں ہے جس کو مسلمانوں کا سیاسی قائد یا نمائندہ قرار دیا جا سکے۔ کہنے کو تو یو پی میں مسلمانوں کی ایک درجن کے قریب سیاسی پارٹیاں موجود ہیں۔ لیکن پہلے یہ پارٹیاں سیاسی بیانوں تک محدود ہوا کرتی تھیں اب صرف کاغذوں تک سمٹ کر رہ گئی ہیں ۔

    مسلم لیگ، مسلم مجلس، ملی جمہوری محاذ ، پرچم پارٹی ، پیس پارٹی، نیشنل لوک تانترک پارٹی اورا نڈین نیشنل لیگ ایسی پارٹیاں ہیں جو مسلمانوں کی سیاسی قیادت کی دعویدار رہی ہیں ۔اپنے شروعاتی دور میں مسلم مجلس نے کچھ کار ہائے نمایاں ضرور انجام دئے تھے  لیکن اس کے علاوہ زیادہ تر پارٹیوں نے اپنی غیر دانشمندانہ کارکردگی کی وجہ سے مسلم عوام کو صرف مایوس ہی کیا ہے۔ان  پارٹیوں کو مسلم عوام کی وسیع تر حمایت کبھی حاصل نہیں رہی۔ تاہم اس وقت یو پی کی مسلم پارٹیوں کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے ۔ ایک سیاسی پارٹی کے لیے جس طرح کی عوامی جد و جہد اور سیاسی فہم و دانائی کی ضرورت ہوتی ہے، اس کا ان نام نہاد سیاسی پارٹیوں میں شروع سے ہی فقدان رہا ہے۔مسلم لیڈروں کی سیاسی مرعوبیت اور ذاتی مفاد پرستی نے ان کو مقبول عام لیڈر نہیں بننے دیا ۔ سیاسی قیادت کی پہلی شرط ہی یہی ہوتی ہے کہ اس کے اندر خوف و مایوسی کے لیے کوئی جگہ نہ ہو۔استقامت، دور اندیشی اور عوامی جد وجہد قیادت کو نکھارنے کا کام کرتی ہے ۔ افسوس کہ یو پی کی مسلم سیاسی پارٹیاں ان لازمی اوصاف سے عاری رہیں۔ جس وقت مسلمانوں کو ان پارٹیوں کی سخت ضرورت تھی اس وقت یہ پارٹیاں میدان سے غائب ہو گئیں اور ان کے لیڈروں نے گوشہ نشینی اختیار کر لی ۔

    یوگی کے اقتدار میں آنے کے بعد مسلم قیادت جس طرح خوف کا شکار ہو گئی اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی ۔ مخالف سیاسی حالات کا مقابلہ کرنے کے بجائے مسلم لیڈروں نے اپنا منھ چھپانا زیادہ بہتر سمجھا۔ خوف کا یہ عالم ہے کہ مسلمانوں کے خلاف کی جانے والی یوگی حکومت کی یک طرفہ کارروائیوں کے خلاف مسلم پارٹیوں نے ابھی تک زبان نہیں کھولی ہے ۔ یو پی میں چلائی جانے والی سی اے اے اور این آر سی کے خلاف عوامی تحریک کے دوران بھی کوئی قابل ذکر مسلم سیاسی لیڈر سامنے نہیں آیا  تھا۔ بلکہ بعض لیڈروں کی جانب سے پس پردہ عوامی احتجاج کی حوصلہ شکنی تک کی گئی ۔ نام نہاد مسلم لیڈران پولیس ایکشن اور بلڈوزروں سے مکانات منہدم کئے جانے کی کارروائی کے دوران بھی میدان سے غائب رہے ۔مسلم سیاسی پارٹیوں  کے اس غیر معیاری رویے نے عوام کے اندر مایوسی کو مزید گہرا کر دیا ہے ۔اگر بلڈوزروں کی غیر قانونی کارروائیوں کے خلاف مسلم سیاسی پارٹیاں متحد ہوکرایک پلیٹ فارم پر آ جاتیں تو آج

     یوپی کے سیاسی حالات مختلف ہوتے۔مسلم عوام میں ان کی مقبولیت اور اعتماد میں بھی اضافہ ہوتا۔ان پارٹیوں کے پاس مسلم عوام کا اعتماد حاصل کرنے کا یہ ایک موقع تھا جس کو انہوں نے گنوا دیا۔ مسلم عوام پر پڑنے والے سخت حالات کے درمیان مسلم پارٹیوں نے ان کو تنہا چھوڑ دیا۔اس طرز عمل نے پوری مسلم سیاسی قیادت کو عوام میں مشکوک بنا دیا۔

    موجودہ حالات میں مسلم سیاسی پارٹیوں کو عوام کا اعتبار حاصل کرنا بہت ضروری ہے ۔ان کو ایسا سیاسی لائحہ عمل اختیار کرنا چاہئے جو ان کے اعتبار کو عوام میں بحال کر سکے ۔ اگر انہوں نے ایسا نہیں کیا تو یہ پارٹیاں اپنی سیاسی موت آپ مر جائیں گی۔

    مسلم پارٹیوں کو باہری اور داخلی محاذ پر محنت کرنے کی سخت ضرورت ہے ۔مسلم پارٹیوں کو مین اسٹریم کی سیاست میں خود کو ثابت کرنے کے لیے سب سے پہلے اپنی پارٹی کو ازسر نو منظم کرناہوگا ۔ ریاست میں پائی جانے والی تمام مسلم سیاسی پارٹیوں کی تشکیل نو وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔مسلم لیڈران اپنی پارٹی کو ایک سرگرم سیاسی تنظیم کی شکل میں ڈھالیں، عوام سے رابطے بڑھائیں اور نئے سر ے سے سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کریں۔ اپنے اندر سیاسی شعور پیدا کریں، ایشوز سے خود کو وابستہ کریں۔غور و فکر کے بعد سیاسی معاملات میں ایک واضح موقف اختیار کریں۔مسلم پارٹیوں میں تربیت یافتہ سیاسی کارکنان کی بھی سخت کمی ہے ۔ ضرورت  ہے کہ یہ پارٹیاں اپنے کارکنان کی سیاسی تربیت کو بھی  ترجیحات میں شامل کریں ۔ریاست میں کسی بھی مسلم سیاسی پارٹی کے پاس خود کا کوئی کیڈر موجود نہیں ہے ۔یہی وجہ سے کہ حکومت کی طرف سے ہونے والے سیاسی جبر کا سامنا یہ پارٹیاں نہیں کر پاتیں اور اسی بناء پر عوام کی حمایت سے وہ محروم ہیں ۔عوامی حمایت اسی وقت حاصل ہوگی جب عوام کو درپیش مسائل و مشکلات میں یہ کھل کر سامنے آئیں گی اور  ایثار وقربانی،  استقلال اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کریں۔

    ان پارٹیوں کا اپنا کوئی تنظیمی ڈھانچہ نہ ہونا بھی سیاسی مقاصد کے حصول میں بڑی رکاوٹ ہے۔ بیشتر پارٹیوں کی خواہش الیکشن لڑنے اور اسمبلی تک پہنچنے تک محدود رہتی ہے ۔الیکشن لڑنے اور اسمبلی تک پہنچنے کا ہدف بھی اسی وقت پورا ہوتا ہے، لہجب عوام کے جمہوری و دستوری حقوق کے حصول کے لیے ایک طویل اور مخلصانہ  جدو جہد کی جائے۔مسلم سیاسی پارٹیوں کو مذہبی و فرقہ وارانہ شکل دینے سے بھی گریز کریں۔ آر ایس ایس کی ایک اہم  کوشش یہ بھی  ہے کہ مسلم سیاست کو فرقہ پرستی کی طرف لے جایا جائے تاکہ مذہبی منافرت پھیلانے میں آسانی ہو ۔ بالعموم مسلمانوں کی جانب سے بنائی جانے والی پارٹی صرف مسلمانوں  ہی کی بات کرتی ہے، وہ کبھی سماج کے کمزور، تہی دست، محروم و مظلوم طبقات کے لئے آواز نہیں  اٹھاتیں- وہ کس قسم کا ملک اور کس قسم کا سماج  بنانا چاہتی ہیں یہ بھی واضح نہیں  ہوتا- ان کا تصور ہندوستان  کیا ہے نہ اس پر ان پارٹیوں کا کوئی لٹریچر ہے اور نہ کوئی مینوفیسٹو-  یہی وجہ ہے کسی دوسری قوم یا طبقہ کے افراد کےلئے ان پارٹیوں میں کوئی کشش نہیں  ہوتی اور مسلمان بھی ووٹ  دیتے وقت انہیں  نظر انداز کر دیتے  ہیں، اس لئے کہ وہ بخوبی جانتے ہیں کہ ہمارے  علاوہ کوئی اور طبقہ ان کو گھاس نہیں   ڈالے گا پھر ہم اپنا ووٹ کیوں ضائع  کریں- ہاں  اگر ان پارٹیوں  کے دروازے  بھی دوسرے  طبقات کے لئے کھلے ہوں، سماجی  انصاف کی جدوجہد  ہو یا معاشی  نا ہمواری کے خلاف محاذ آرائی، وسائل کی منصفانہ تقسیم کی جدوجہد ہو یا ظلم سے نبردآزمائی، سماج کے ہر طبقہ کو اس میں یہ نظر آنا چاہیے  کہ ہمارے  درد کا درمان بھی یہاں ہوسکتا ہے تب دوسرے  طبقات بھی ان پارٹیوں  میں  اپنے لئے کشش پائیں گے- ملک کی بہت سی ذات پات کی سیاست کرنے والی پارٹیاں بھی اپنے نام اور پالیسی وپروگرام کی حد تک تو اپنے اندر عموم رکھتی ہیں- یہ اور بات ہے کہ جب وہ اقتدار میں  آتی ہیں تو انہیں اپنے خاندان، اپنی برادری اور اپنی ذات پات کے علاوہ اور کوئی نظر نہیں آتا۔ مسلمان ایک خیر امت ہیں، تمام انسان ان کی نگاہ میں اولاد آدم ہیں- سماج کے مظلوم و محروم طبقات کو انصاف دلانا ان کی اولین  ترجیح  ہونی چاہیے- یہ بات اسلامی اصول کے بھی خلاف ہے کہ صرف آپ اپنے بھلے کے لیے سوچیں اور دیگر مظلوموں کو نجات دلانے کے لیے کچھ نہ کریں۔ اس لیے ضروری ہے کہ مسلم پارٹیوں کے دروازے سب کے لیے کھلے ہوں اور وہ آئینی اور جمہوری قدروں پر قائم کی جائے ۔ تعلیم ،معاشرہ سازی ، افراد سازی ،اخلاق ، صحت ،تجارت ،کاشت کاری سبھی چیزیں انسانی زندگی کے لیے ضروری ہیں۔ لیکن اسی کے ساتھ اقتدار کے حصول کے لئے جدوجہد بھی بے حد ضروری ہے۔ لہٰذا ہم اپنی قیادت میں ایک ایسی پارٹی تشکیل دیں جس میں ہر طبقے کے افراد شامل ہوں ۔مسلمانوں کے  حالات چاہے جتنے  بھی ناگفتہ بہ ہو جائیں اقتدار میں حصے داری  ہی ایسا راستہ ہے جس سے ہم اپنی سیاسی بے وزنی و بے وقعتی کو دور کرسکتے ہیں اور  ایک باوقار زندگی کی طرف گامزن ہو سکتے ہیں۔ نام نہاد سیکولر پارٹیوں کی غلامی اور ان کی حاشیہ برداری کرکے سوائے ذلت کے کچھ حاصل ہونے والا نہیں ہے ۔ اگر مسلمان اپنے پیروں پر کھڑے ہونا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے ان کو اپنی قیادت قائم کرنی ہوگی ۔ یہ کام مشکل ضرور ہے لیکن نا ممکن نہیں ۔مسلمان اس وقت سیاسی اعتبار سے تیسرے درجے کا شہری بن گیا ہے ۔ اس کے سر پر اجتماعی قتل عام کا خطرہ منڈلا رہا ہے ۔ تمام طرح کی جمہوری قوتوں کے ساتھ سیاسی قوت کا حصول وقت کا سب سے بڑا تقاضہ ہے ۔ سیاسی شعور اورعوامی تحریک کے ذریعے ہی سیاسی اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں ۔ یو پی کی مسلم سیاسی پارٹیوں کو مستقبل میں اگر اپنا وجود باقی رکھنا ہے تو ان کو عوام کے درمیان آکر اپنی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کرنا ہوگا ۔ عوام کی حمایت کے بغیر سیاسی پارٹیوں کا  نہ کوئی تصور ہے اور نہ ہی ان کا کوئی مستقبل ۔

  • مزاحمتی شاعری کی روایت اور حالیہ بحران

    مزاحمتی شاعری کی روایت اور حالیہ بحران

    اردو شاعری میں ہمیشہ سے ہر طرح کی شاعری ہوتی آئی ہے۔ مثنوی اور قصیدے اردو شاعری کے شروع میں ایک غالب صنف سخن کے طور پر رائج رہے ہیں۔ یہ دونوں اصناف شروع سے اخلاقی تربیت ، شجاعت وسخاوت اور پامردی وجواں مردی کے پہلوؤں کو ابھارنے کا کام کرتی رہی ہیں۔ قصیدہ کی تاریخ ہی تشجیع اورحوصلہ افزائی کی تاریخ رہی ہے۔ قصیدے میں موجود موضوعات اور مواد کی وسعتیں اور فن وشعر کی ہیبتیں ایسی رہیں کہ اسے ام الاصناف کا نام دیا گیا۔‌ ان پہلوؤں کے ساتھ ساتھ فن کی پرورش کا مہتم بالشان کام کبھی فراموش نہیں ہوا سوائے اس زمانے کے جب اجتماعی سائیکی نے ہزیمت کو تن ومن سے قبول کرکے اصلاح اور نئے سرے سے اٹھ کھڑے ہونے کی ذمہ داری قبول کی۔

    آزادی کی تحریک جس وقت برپا ہوئی ، اس وقت قوم پرست اور مزاحمتی شاعری کے کم ازکم دو رویے کارفرما تھے جن کی نمائندگی دو الگ الگ طبقوں نے کی۔ایک طبقہ وہ تھا جس کی پرورش میں روایت اور جدیدیت کا خون اور خوان شامل تھا۔ وہ بیک وقت اپنی روایت سے اور اپنے عہد کی غالب فکری فضا سے لیس ہوکر مسائل کا حل چاہتا تھا۔ اور دوسرا طبقہ وہ تھا جس نے اپنے سے پہلے کے لوگوں کی نئی روشنی سے اپنے ذہن و دل کو روشن کیا تھا اور روایت کو ظلمت خیال کرکے ہر چیز کو جاگیردارانہ نظام کی باقیات خیال کرتا تھا۔ اس نےمزید روشنی کی نئی کمک نئے راستوں سے حاصل کرنا شروع کردی تھی۔ انھیں دو قبیل کے لوگوں نے مزاحمتی ادب پیدا کیا۔ اول الذکر کی قومی ومزاحمتی شاعری خلوص سے پر تھی اگرچہ اس میں اپنے عہد کی حاوی نفسیات کارفرما تھیں لیکن یہ گروہ اپنی نیت اور اپنے تخلیقی عمل میں سچا تھا۔ یہ پروپیگنڈہ باز نہیں تھا۔ اس گروہ میں اگر دقیانوس ، قدامت پرست یا روایت کے پاسدار کہے جانے والے لوگ تھے تو وہ اپنی وابستگی کو پردے میں نہ رکھتے تھے۔ نہ ہی محض ہنگامی طلب پر ادب ترتیب دیتے تھے۔ ان کے یہاں سچی پکی حب الوطنی تھی۔جاگیردارانہ نظام کی مخالفت اوراصرافیت کی گماشتہ تفریحی صنعت کی پشت پناہی نہ تھی۔ وہ اپنے قول وعمل میں سچے، اپنے جذبے میں صادق، اپنی بات میں کھرے اور اپنے محاذ پر کھڑے لوگ تھے۔ اگرچہ محض ان باتوں سے شعر وشاعری کا کوئی بھلا نہیں ہوتا ، ہاں ماحول کو سازگار بنانے اور آواز کو مقبول عام کرکے اقتدار پر دباؤ بنانے میں  ضرور مدد ملتی ہے۔

    آزادی کی تحریک جس دور میں برپا ہوئی، اگر اسے بغور دیکھا جائے تو وہ مشرق ومغرب کے درمیان کشمکش کا فیصلہ کن دور تھا۔ جاپان،ہندستان اور ترکی دنیا کے نقشے میں مغربی قوتوں کے لیے ایک بڑے مسئلے اور مشکل کی صورت میں موجود تھے اور انھیں زیر کرنا مغرب کی سب سے بڑی فتح اور کامیابی کا ہم معنی تھا۔ اردو میں ہونے والی مزاحمتی شاعری بوجوہ ترکی کی حمایت میں ہمہ وقت سینہ سپررہی اور اس نوع کی شاعری اس کثرت سے ہوئی کہ باقاعدہ اس کی ایک روایت بن گئی۔ وقتی باتوں اور ہم عصر مسائل کو شاعری میں بیان کرنے کے عادی شاعروں نے اس موضوع پر بہت لکھا جس کی شہادت ڈاکٹر آصف زہری کی کتاب "اردو نظم میں ذکر ترکی” سے ملتی ہے۔‌

    اکبر الہ آبادی، ظفر علی خاں، اقبال، پنڈت برج نرائن چکبست، سرور جہاں آبادی ، افق لکھنوی وغیرہ کی شاعری نے مزاحمت کی شاعری کو کئی پہلوؤں سے متمول کیا۔ انگریزی نظام اقدار  اور دیسی لوگوں کی طرف سے کی جانے والی اندھی تقلید کی تنقید ، وطن کی محبت اور اس کے سورماؤں سے عقیدت کا اظہار ان شاعروں کی مزاحمتی شاعری کا اہم وصف رہا۔

    ترقی پسند تحریک سے وابستہ شاعروں میں مخدوم محی الدین ، علی سردار جعفری ، سلام مچھلی شہری ، فیض احمد‌فیض، ساحر لدھیانوی اور دوسرے بہت سے شاعروں نے مزاحمتی شاعری کی اور ان ذاتی آزمائشوں سے پرانی لفظیات کو نیا سیاق و سباق عطا‌کیا گیا۔

    جدیدیت کے زیر اثر ہونے والی شاعری میں صورت حال سے بیزاری اور بے اطمینانی کا اظہار علامتی انداز میں ہوا۔ اس پورے عہد کی شاعری نے بیسویں صدی کو مطلوب مزاحمتی ادب کا خلا پر کیا اور بہت سے مزاحمت کے شاعر اس پوری صدی میں سرگرم رہے اور ادبی ماحول کی رونق بڑھاتے رہے لیکن اکیسویں صدی میں مزاحمت کی شاعری میں کمی آئی اور اس کے مختلف اسباب ہوسکتے ہیں کہ ہندستان میں مجموعی طور ادب کی صورت حال متاثر ہوئی۔ بول چال کی زبان کے استعمال کا دائرہ تو باقی رہا لیکن اس کے استحقاق کے دائرے محدود سے محدود تر ہوتے گئے۔ چوں کہ اس صدی میں رسم الخط کی قید کو ہٹا کر زبان کو مقبول عام باور کرانے کی روش عام ہوئی اور اس طرح اردو زبان وشاعری کے منطقے میں فیشن زدہ مشاعرے بازی کی فضاپروان چڑھی اور مقبول عام شعر زدگی کی ہوا بندھی اور شعر وادب کی طرف سے ہونے والی مزاحمت مصلحت اندیشی کا شکار ہوگئی۔ سودا کے قصیدہ در ہجو اسپ جیسی معیاری انتقادی شاعری سے لے کر نعرے ، ادعا، مبارزت طلبی کی مقبول عام شاعری تک کے سفر میں کسی نہ کسی شکل میں مزاحمت کی شاعری زندہ رہی۔ دھیرے دھیرے اسے زندہ رکھنے والے ہی مصالحت پر آمادہ ہونے لگے تو ادب پرور ، زبان پرور اور کلچر نواز انجمنوں ، سوسائٹیوں اور اداروں کا پیشہ ورانہ سلسلہ شروع ہوا ، جس میں ایک حدتک فرقہ وارانہ فسادات  وغیرہ پر اظہار خیال ہوا ۔لیکن اکیسویں صدی میں مشاعری بازی کا یہ سلسلہ اپنی اصل پر لوٹ آیا اور اس کی پیشہ ورانہ بنیادیں ، مقاصد اور اہداف زیادہ منہ زور ہوکر سامنے آئے۔ موجودہ صورت حال مصالحت ، کاسہ لیسی ، موقع پرستی اور خودنمائی کے ایسے عیوب سے متصف ہے کہ اس سے مزاحمت کی توقع ہی نہیں کی جاسکتی۔ موجودہ شعری فضا برقی عہد کے تبرکات سے ایسی گراں بار اور سوشل میڈیائی ترغیبات سے ایسی بوجھل ہے کہ وہ مزاحمتی شاعری کا خطرہ ہی مول نہیں لے سکتی۔ وہ بہت ہی ہلکے اور عوامی ذوق کو مطلوب چٹپٹی شاعری فراہم کرنے میں ایسا منہمک ہے وہاں مزاحمتی شاعری کی گنجائش کم سے کم تر ہوگئی ہے۔ البتہ یہ بات ضرور ہے کہ اس نوع کی شاعری آج بھی مطلوب ہے اور اس کے پذیرائی کے امکان بھی خوب ہیں۔‌ہندی کے بہت سے طنز نگار مزاحیہ انداز میں مزاحمت کا رنگ باقی رکھنے میں مصروف ہیں اور وہ خاصے مقبول بھی ہیں۔ اردو کے اسٹیج پر جن لوگوں نے اس خلا کو پر کرنے کی کوشش کی ہے انھیں بے پناہ مقبولیت بھی ملی ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ گر اس سمت میں نئے شاعر پیش رفت کریں تو یقینا انھیں کامیابی ملے گی۔

     یہاں ایک بات کی وضاحت ضروری معلوم ہوتی ہے کہ شاعری میں چاہے جیسی فکر اور سماجی وسیاسی صفات یا فلسفیانہ خیالات  رکھ دیے جائیں ، شاعری کا شاعری  کی شرط پر شاعری ہونا ہمیشہ سے مطلوب رہا ہے۔ مزاحمتی شاعری بھی وہیں بارآور اور دیر پا ثابت ہوگی جس میں شعر کے فنی اوصاف ہوں گے، ورنہ ہنگامی شاعری کا مقدر سب کو معلوم ہے۔ فیض کی شاعری کی خوبی اور مقبولیت صرف اس لیے نہیں ہے کہ اس میں انقلاب ومزاحمت کے اوصاف ہیں بلکہ وہ خوب اس لیے ہے کہ وہ اپنے روایتی سرچشموں سے سیراب ہوئی ہے اور شاعرکے شخصی حوالوں نے اس کی شاعری کو ایک الگ اور مختلف سیاق عطا کردیاہے۔

     فی زمانہ جمہوریت ، قانون ، عوام ، انہدام ، جمہور ، حق اور ان جیسے بہت سے پرانے الفاظ ہیں جن کا تعلق زنداں سے ، مزاحمت سے، کرسی سے ہے جو مزاحمت کی شاعری کے لیے بہت بامعنی ہوسکتے ہیں۔

  • کیا ہریانہ بی جے پی کے ہاتھ سے نکل رہا ہے؟

    کیا ہریانہ بی جے پی کے ہاتھ سے نکل رہا ہے؟

    جب الیکشن کمیشن نے 16 اگست کو جموں و کشمیر اور ہریانہ اسمبلیوں کے لیے انتخابی تاریخوں کا اعلان کیا تو سوال اٹھایا گیا کہ مہاراشٹر اور جھارکھنڈ اسمبلیوں کے لیے انتخابی پروگرام کا اعلان کیوں نہیں کیا گیا۔ تجزیہ کاروں کا خیال تھا کہ کمیشن نے حکومت کے اشارے پر ایسا کیا ہے تاکہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے دیگر بڑے رہنماؤں کو ان دونوں ریاستوں میں پرزور طریقے سے انتخابی مہم چلانے کا موقع مل سکے۔ آخر الذکر دونوں ریاستوں میں بعد میں اس لیے انتخابات کرائے جائیں گے تاکہ وہاں بھی بی جے پی کو بھرپور موقع ملے۔ لیکن جب مبصرین اور تجزیہ کاروں کی جانب سے یہ پیشین گوئی کی جانے لگی کہ بی جے پی ہریانہ گنوا رہی ہے تو ریاستی حکومت کو اور بی جے پی رہنماؤں کو خیال آیا کہ ہریانہ میں یکم اکتوبر کو پولنگ ہوگی لیکن اسی دوران کئی روز کی تعطیلات پڑ رہی ہیں۔ لہٰذا یہ قیاس آرائی کی جانے لگی کہ ہریانہ میں انتخابی پروگرام تبدیل کیا جائے گا۔ لہٰذا جہاں پہلے یکم اکتوبر کو پولنگ ختم کرکے چار اکتوبر کو ووٹوں کی گنتی کا اعلان کیا گیا تھا وہیں ہریانہ میں پولنگ کی تاریخ پانچ اکتوبر اور ووٹوں کی گنتی کی تاریخ آٹھ اکتوبر کر دی گئی۔ اس طرح جموں و کشمیر میں بھی ووٹوں کی گنتی آٹھ اکتوبر کو کی جائے گی۔ لیکن بی جے پی چار دنوں میں کون سا تیر مار لے گی یہ بات سمجھ میں نہیں آئی۔ لیکن ایک بات ضرور کہی جا سکتی ہے کہ انتخابی تاریخوں میں تبدیلی کی وجہ بی جے پی کی ممکنہ شکست ہے۔ اس شکست کا اندازہ پارلیمانی انتخابات کے نتائج سے ہی لگایا جا رہا تھا۔ 2019 کے پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی نے تمام دس نشستیں جیت لی تھیں۔ لیکن 2024 کے پارلیمانی انتخابات میں اس نے پانچ سیٹیں گنوا دیں۔ پانچ اس نے جیتیں اور پانچ کانگریس نے۔

    اگر 2019 کے اسمبلی انتخابات کے نتائج پر نظر ڈالیں تو پائیں گے کہ 90 رکنی اسمبلی میں این ڈی اے کے پاس 42 سیٹیں تھیں جن میں بی جے پی کی سیٹیں 40 تھیں۔ کانگریس کے پاس 28 سیٹیں تھیں۔ اور اگر انڈیا اتحاد کی بات کریں تو اس کی سیٹیں 30 تھیں۔ اسی طرح دشینت چوٹالہ کی جن نائک جنتا پارٹی یعنی جے جے پی نے دس نشستیں جیتی تھیں۔ بی جے پی اور جے جے پی نے ریاست میں مخلوط حکومت بنائی تھی۔ لیکن اب وہاں کا سیاسی منظرنامہ بڑی حد تک تبدیل ہو چکا ہے۔ جے جے پی کے سات ارکان کانگریس اور بی جے پی میں شامل ہو گئے ہیں۔ ریاست میں اس وقت سب سے مضبوط پوزیشن کانگریس کی ہے۔ عام آدمی پارٹی بھی قسمت آزمائی کر رہی ہے۔ کانگریس اور عام آدمی پارٹی میں اتحاد کی کوششیں چل رہی ہیں۔ توقع ہے کہ دونوں میں انتخابی اتحاد ہو جائے گا۔ کانگریس رہنما راہل گاندھی انڈیا اتحاد کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ اس لیے ان کی خواہش ہے کہ کسی بھی طرح دونوں پارٹیاں مل کر لڑیں۔ اگر بہ فرض محال اتحاد نہیں بھی ہوتا ہے تو بھی کانگریس کو کوئی بہت زیادہ نقصان نہیں ہوگا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہریانہ کی سیاست پر جن خاندانوں کی بالادستی رہی ہے ان میں اب صرف کانگریس کے بھوپیندر سنگھ ہڈا ہی ایسے سیاست داں ہیں جن کی گرفت اب بھی بہت مضبوط ہے۔ ورنہ باقی جتنے بھی سیاسی خاندان تھے سب کے اثرات زائل ہو چکے ہیں۔

    اس وقت وہاں بی جے پی ایک ایسی پارٹی ہے جس کے ساتھ کوئی بھی پارٹی اتحاد کرنے کو تیار نہیں ہے۔ جبکہ کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے اتحاد کے علاوہ جے جے پی نے چندر شیکھر آزاد کی پارٹی ’آج سماج پارٹی‘ (اے ایس پی) سے اتحاد کیا ہے۔ لیکن اس اتحاد کو کوئی خاص کامیابی ملنے کا امکان نہیں ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ چندر شیکھر آزاد کا وہاں کوئی اثر نہیں ہے اور جے جے پی کے دشینت چوٹالہ کی پوزیشن بہت خراب ہو گئی ہے۔ کسان تحریک اور خاتون پہلوانوں کی تحریک کے دوران انھوں نے جو خاموشی اختیار کی اس کی وجہ سے عوام ان سے ناراض ہیں۔ انڈین نیشنل لوک دل (آئی این ایل ڈی) کی بھی پوزیشن اچھی نہیں ہے۔ 2019 کے اسمبلی الیکشن میں اسے صرف ایک سیٹ ملی تھی۔ صرف ابھے چوٹالہ کامیاب ہوئے تھے۔ اس بار آئی این ایل ڈی نے بی ایس پی کے ساتھ انتخابی اتحاد کیا ہے۔ اس کا مقصد دلت ووٹ حاصل کرنا ہے۔ لیکن بی ایس پی کی جو سیاست اترپردیش میں رہی ہے اور جس طرح مایاوتی نے بی جے پی کی درپردہ مدد کی اس کی وجہ سے ہریانہ میں بھی بی ایس پی کی کوئی امیج نہیں رہ گئی ہے۔ دشینت چوٹالہ بھی بی جے پی کے ساتھ مخلوط حکومت میں شامل رہنے کی وجہ سے اپنی سیاسی زمین کھو چکے ہیں۔

    ہریانہ، پنجاب اور مغربی اترپردیش جاٹوں اور کسانوں کے علاقے ہیں۔ پارلیمانی انتخابات میں ان تینوں جگہوں پر بی جے پی کوزبردست نقصان ہوا ہے۔ قارئین اس حقیقت سے واقف ہیں کہ مرکزی حکومت نے کارپوریٹ کے دباؤ میں تین ایسے زرعی قوانین پارلیمنٹ سے منظور کرائے تھے جن کی ضرب کسانوں پر پڑ رہی تھی اور ان قوانین کا فائدہ بڑے تجارتی گھرانوں کو ہو رہا تھا۔ کسانوں نے ان قوانین کے مضر اثرات کا اندازہ لگا کر ان کی واپسی کے مطالبہ کی تحریک شروع کی۔ ایک سال سے زائد عرصے تک یہ تحریک چلی۔ جس کے دوران تقریباً ساڑھے سات سو کسانوں کی موت ہوئی۔ حکومت کی جانب سے کسانوں کی تحریک کو کچلنے کی بہت ظالمانہ کوشش کی گئی۔ ان کو خالصتانی اور دہشت گرد قرار دے کر بدنام کرنے کی بھی کوشش کی گئی۔ ان پر غیر ملکوں سے اور ملک دشمن طاقتوں سے فنڈ حاصل کرنے کا الزام لگایا گیا۔ لیکن بہرحال کسان اپنی جگہ پر ڈٹے رہے۔ انھوں نے حکومت کی تمام تر سختیاں برداشت کیں لیکن قدم پیچھے نہیں ہٹائے۔ جس کے نتیجے میں بالآخر حکومت کو جھکنا پڑا اور تینوں قوانین واپس لینے پڑے۔ اس تحریک نے ہریانہ اور پنجاب میں بی جے پی کی پوزیشن خراب کر دی۔ اس کا احساس وزیر اعظم مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور دوسرے رہنماؤں کو بھی ہے۔ اسی لیے حکومت کی جانب سے ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جن سے کھوئی ہوئی زمین واپس مل سکے۔ لیکن تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اس الیکشن میں بی جے پی کی کامیابی تقریباً ناممکن ہے۔

    صرف کسانوں کی تحریک سے ہی بی جے پی کو نقصان نہیں پہنچا بلکہ خاتون پہلوانوں کی تحریک سے بھی پہنچا ہے۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ پر خاتون پہلوانوں کے جنسی استحصال کا الزام لگایا گیا۔ ان کے خلاف کارروائی کے مطالبے کے ساتھ جنتر منتر پر دھرنا دیا گیا جو کافی دنوں تک چلا۔ اس معاملے میں حکومت اور اس کے اشارے پر پولیس کا جو رویہ رہا وہ پہلوانوں کے خلاف رہا۔ اس رویے سے یہ بھی واضح ہوا کہ حکومت خواتین کی عزت کی محض باتیں ہی باتیں کرتی ہے۔ حقیقت میں اس کے نزدیک خواتین کے عزت و احترام کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ اس نے پوری تحریک کے دوران برج بھوشن شرن سنگھ کی پشت پناہی کی۔ جب حکومت کی زیادہ بدنامی ہونے لگی تب کہیں جا کر ان سے کشتی فیڈریشن کے صدر کے عہدے سے استعفیٰ لیا گیا۔ لیکن اس کے باوجود فیڈریشن پر ان کے بقول ان کا دبدبہ قائم رہا۔ پارلیمانی انتخابات کے دوران بھی بی جے پی نے ان کے ساتھ رعایت کا معاملہ کیا۔ وہ اس طرح کہ اگر چہ ان کو ٹکٹ نہیں دیا گیا لیکن ان کے بیٹے کو ان کی نشست قیصر گنج سے ٹکٹ دیا گیا اور وہ کامیاب ہوئے۔ اس پوری تحریک کے دوران حکومت کا جو رویہ رہا اس نے کسانوں اور جاٹوں کی ناراضگی میں مزید اضافہ کر دیا۔

    ادھر اولمپک میں جس طرح ونیش پھوگاٹ کے جسمانی وزن میں سو گرام کے اضافے کی وجہ سے ناہل قرار دے دیا گیا اس سلسلے میں بھی حکومت کا رویہ بہت مشکوک رہا۔ بلکہ بعض حلقوں کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں سازش کی گئی ہے اور کچھ لوگ شک کی سوئی حکومت کی جانب موڑ رہے تھے۔ بہرحال اس بارے میں ہمیں نہیں معلوم کہ حکومت کی کوئی سازش تھی یا اولمپک کھیلوں میں اس کا کوئی عمل دخل تھا یا نہیں لیکن جس طرح ونیش پھوگاٹ کے معاملے میں حکومت اور خاص طور پر وزیر اعظم مودی کا رویہ رہا اس نے بھی کسانوں اور جاٹوں کی ناراضگی کو بڑھایا۔ زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی تحریک رہی ہو یا برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف پہلوانوں کی تحریک رہی ہو، کانگریس ان دونوں تحریکوں کے ساتھ رہی۔ راہل گاندھی، پرینکا گاندھی اور ملکارجن کھڑگے سمیت بیشتر کانگریسی رہنما مظاہرین کی حمایت اور حکومت کے رویے کی مخالفت کرتے رہے۔ جس کی وجہ سے کسانوں اور جاٹوں میں کانگریس کے تئیں نرم رویہ پیدا ہوا اور ایسا سمجھا جاتا ہے کہ ان کی اکثریت کا جھکاؤ کانگریس پارٹی کی جانب ہو گیا ہے۔ اس کا اندازہ اس سے بھی لگایاجا سکتا ہے کہ ونیش پھوگاٹ اور پہلوان بجرنگ پونیہ نے چار ستمبر کو سینئر کانگریس رہنما راہل گاندھی سے ملاقات کی ہے۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ دونوں میں سے کسی ایک کو کانگریس پارٹی الیکشن لڑوا سکتی ہے۔ ممکن ہے کہ جس وقت یہ مضمون پڑھا جا رہا ہو اس معاملے میں کوئی فیصلہ ہو چکا ہو۔ اگر دونوں میں سے کسی کو الیکشن نہیں لڑایا گیا تب بھی دونوں کانگریس کے حق میں انتخابی مہم چلائیں گے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اگر ایسا ہوا تو اس سے کانگریس کو کافی فائدہ پہنچے گا۔ مجموعی طور پر اس وقت ہریانہ میں کانگریس کی پوزیشن سب سے اچھی ہے۔ اگر وہ اسمبلی میں آسانی سے اکثریت حاصل کر لے تو حیرت نہیں ہونی چاہیے۔

  • عصمت دری سانحہ اور ممتا بنرجی کا سیاسی مستقبل

    عصمت دری سانحہ اور ممتا بنرجی کا سیاسی مستقبل

    ممتا بنرجی کی سیاست اتار چڑھاؤاورجدو جہد سے بھر پورہے ۔1984میں پہلی مرتبہ پارلیمنٹ پہنچنے والی ممتا بنرجی بائیں محاذ حکومت کی سب سے بڑی نقاد بن کر ابھری تھی۔ اس کی وجہ سے انہیں سخت ترین مشکلات کا سامنابھی کرنا پڑا مگر انہوں نے مشکل ترین حالات میں بھی عزم و حوصلہ کو قائم رکھا اور ہمت نہیں ہاری ۔اپنے مقاصد کو حاصل کرنے کی دھن اور مخالفین کے ہرایک حملوں کا جارحانہ انداز میں جواب دینے کی عادت کی وجہ سے وہ کانگریس کے ساتھ بھی نہیں چل سکیں اور پارٹی قیادت کے ساتھ اختلافات کے بعد انہوں نے کانگریس سے علاحدگی اختیار کی اور 1999میں ترنمول کانگریس کا قیام عمل میں آیا۔ترنمول کانگریس کے قیام کے بعد سے ہی ممتا بنرجی نے بائیں محاذ کے طویل دور والی حکومت کو اکھاڑ پھینکنے کے لیے جارحانہ رویہ اختیار کیا ۔اس کے لیے  انہوں نے پہلے بی جے پی سے ہاتھ ملانے سے بھی گریز نہیں کیا بلکہ بنگال کے سیاسی حلقے یہ بھی دعویٰ کرتے ہیں کہ کانگریس کی تقسیم اور ترنمول کانگریس کا قیام بی جے پی اور آر ایس ایس کے طویل منصوبے کا ہی حصہ تھا۔ترنمول کانگریس ابتدائی سالوں میں بی جے پی کے ساتھ مضبوطی کے ساتھ کھڑی رہی۔تاہم جلد ہی ممتا بنرجی کواحساس ہوگیا کہ وہ بی جے پی کے ساتھ چل کر بنگال کے اقتدار تک نہیں پہنچ سکتی ہیں۔ 27,فیصد بنگال کی مسلم آبادی ان کے ساتھ نہیں آسکتی ہیں ۔چنانچہ انہوں نے بی جے پی کا ساتھ چھوڑکر کانگریس کے ساتھ سفر کا آغاز کیا ۔ بایاں محاذ حکومت کو بنگال میں صنعت کاری مہم مخالفت تحریک، جسے سینگور و نندی گرام تحریک بھی کہاجاتا نے ممتا بنرجی کو زمین ہموار کرنے کا موقع فراہم کردیا۔اسی دور میں سچر کمیٹی کی رپورٹ نے مسلمانوں کو بائیں محاذ سے دور کردیا اور وہ ترنمو ل کانگریس اور ممتا بنرجی کو متبادل سمجھنے لگے ۔طویل حکمرانی کے بعد 2011کے اسمبلی انتخابات میں بایاں محاذ مکمل طور پرشکست سے دوچار ہوگیا اور ممتا بنرجی کے وزیر اعلیٰ بننے کا خواب پورا ہوگیا۔2011میں اقتدار حاصل کرنے کے بعد سے اب تک ممتا بنرجی کی جارحانہ سیاست باقی رہی اور انہوں نے اپنی حکومت پر کیے جانے والے ہر حملہ  کا جارحانہ طور پر ہی جواب دیا۔گزشتہ 14برسوں میں ان پر کئی گھوٹالوں کے الزامات لگے، ان کے کئی وزارجیل گئے ،پارٹی پر بدعنوانی، غنڈہ گردی اور سنڈیکٹ چلانے کے شدید الزامات بھی لگے۔اساتذہ تقرری گھوٹالے نے نوجوانوں کو مایوس تو ضرور کیا اس کے باوجود 2024کےلوک سبھا انتخاب میں 29 سیٹیں حاصل کرکے انہوں نے یہ ثابت کردیا کہ وہ بنگال کی مقبول ترین لیڈر ہیں ۔تاہم 9,اگست کو آرجی کار میڈیکل کالج و اسپتال میں جونیئر ڈاکٹر کی بہیمانہ عصمت دری اور قتل کے واقعے نے پہلی بار ترنمول کانگریس اور اس کی حکومت کو مکمل طور پر ہلادیا ہے۔ ایک ماہ گزر چکا ہے مگر نوجوان بالخصوص طلبہ  برادری مسلسل احتجاج کررہی ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ احتجاج میں شدت آتی جارہی ہے۔یہ پہلاموقع ہے کہ ممتا بنرجی احتجاج اور مظاہرین کے سامنے سینہ سپر ہونے کے بجائے خودسپردگی کرتی نظر آرہی ہیں۔ مگر سوال یہ ہے کہ اس واقعے کے بعد ممتا بنرجی کی حکومت کے خلاف اس قدر ناراضگی کیوں ہے؟ ترنمول کانگریس اس کا جارحانہ انداز میں جواب کیوں نہیں دے پارہی ہے ۔کیا ممتا بنرجی اپنی پارٹی لیڈران کو قابو میں نہیں کرپارہی ہیں؟

    اس سے پہلے بھی بنگال کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر حصوں میں خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی اور قتل کے کئی بہیمانہ اور سفاکانہ واقعات رونماہو چکے ہیں۔ لیکن کبھی بھی اتنے بڑے پیمانے پراحتجاج نہیں ہوئے۔ ایسا لگتا ہے کہ عوام میں آتش فشاں پھوٹ پڑاہے مگر سوال یہ ہے کہ اس کے پیچھے وجوہات کیا ہیں؟

    یہ سوال بہت سے لوگوں کے ذہنوں میں ہیں۔ حتیٰ کہ اس ناگفتہ بہ صورت حال میں حکمران جماعت کے لیڈران بھی اسی سوال کے جواب کی تلاش میں سرگرداں ہیں۔ انہیں حیرت ہوتی ہے کہ چند ماہ قبل ہی لوک سبھا انتخابات میں بڑی کامیابی حاصل کرنے والی پارٹی کے خلاف اتنے بڑے پیمانے پر غم و غصہ کیوں پھوٹ رہا ہے؟  بنگال کے کئی سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اس غصے کے پیچھے جو جذبات یا اشتعال ہے وہ ایک طویل عرصے سے دبا ہوا تھا۔غصے کے پیچھے عموماً ادھوری توقعات ہوتی ہیں۔ مایوسی اس وقت ہوتی ہے جب وہ توقعات پوری نہیں ہوتیں اور اسی مایوسی سے غصہ یااشتعال جنم لیتا ہے۔

    دراصل ممتا بنرجی کی جو شناخت تھی وہ جارحانہ سیاست کے ساتھ عوام کے لیے  کھڑا ہونے اور عوامی مفادات کی بات کرنے والے لیڈر کی تھی مگر 2011میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے ہی عصمت دری جیسے سنگین واقعات میں ممتا حکومت اور ان کی پولس کا کردار ملزمین کو کیفرکردار تک پہنچانے کے بجائے جرم کو چھپانے اور معاملے کی نوعیت کو کم کرنے والا رہا ہے۔خواتین کے خلاف جنسی تشدد کے واقعات میں مغربی بنگال کے عوام نے دیکھا کہ ریاستی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران اور کبھی خود ممتا بنرجی نے’’معمولی واقعہ‘‘،  توکبھی معمول کا واقعہ تو کبھی سازش قرار دے کر عوامی مطالبات کا اثر کم کرنے کی کوشش کی ہے ۔ پارک اسٹریٹ عصمت  دری کے واقعے میں متاثرہ کو ہی مورد الزام ٹھہرایا گیا وہ دیر رات گئے باہر کیوں نکلی۔ کوتاہی برتنے والے افسران کے خلاف کارروائی کے بجائے تبادلے کے ذریعہ انعام دینے کی کوشش کی گئی۔احتجاجی ٹیچر ورون بسواس کا قتل، بمن گاچھی، کامدونی، گائی گھٹا، مدھیم گرام عمت دری کیس ، کانتھی کے احتجاجی نوجوانوں کا قتل۔ پولیس پر ایک کے بعد ایک الزام لگتے رہے کہ وہ مجرموں کی شناخت کرنے اور مناسب ٹرائل کے ذریعہ سزا کو یقینی بنانے کے بجائے مجرموں کوبچانے کی کوشش کررہی ہے ۔

    سابقہ بائیں محاذ کی حکومت کےآخری دور میں بدعنوانی میں اضافہ ہونے لگا تھا۔ تعلیم کے شعبے میں اہم عہدوں پر پارٹی کے پسندیدہ افراد کی تعیناتی ہونے لگی تھی۔ یہ رجحان دوسرے شعبوں میں بھی شروع ہوگیا مگر ترنمول کانگریس کی حکومت قائم ہونے کے بعداس طرح کی بدعنوانی پوری ریاست میں پھیل گئی۔ اوپر سے نیچے تک ملازمتیں حاصل کرنے کے لیے اہلیت کا معیار غیر تحریری طور پر تبدیل ہوگیا۔مختلف دیگر’قابلیتیں’ تعلیمی قابلیت سے زیادہ اہم ہوگئیں۔ حقیقی تعلیمی قابلیت ہونے کے باوجود بھی ملازمت کے خواہش مند ہر جگہ محروم رہے۔ پڑھے لکھے نوجوان شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں اور حکمرانوں  پر سےان کا اعتماد اٹھنے لگا ہے۔

    شاردا گھوٹالہ، ناردا اسٹنگ آپریشن ، اساتذہ بھرتی گھوٹالہ، خوراک گھوٹالہ ، مویشی اسمگلنگ اور کوئلہ گھوٹالہ اس طرح بدعنوانیوں کی ایک لمبی فہرست ہے جس سے لوگوں کے ذہنوں میں آہستہ آہستہ عدم اطمینان کے بادل اٹھنےلگے ہیں۔ ریاست کے عوام نے دیکھا کہ حکمران جماعت کے اہم لیڈروں اور وزراء پر بدعنوانی کے الزامات لگے اور وہ جیل چلے گئے اور ابھی تک جیل میں ہیں۔ریاست کے لوگوں نے یہ بھی دیکھا کہ ریاستی انتظامیہ کے علاوہ مغربی بنگال کے کئی اضلاع میں سینئر لیڈروں کی سرپرستی میں متوازی انتظامیہ کام کررہی ہے۔کہیں شاجہاں شیخ، کہیں شبو ہزارہ، کہیں اتم سردار۔ کہیں جائنٹ سنگھ ، کہیں جہانگیراور کہیں انوبرتا منڈل جیسے افراد متوازی حکومت اور عدالت چلارہے ہیں ۔ان متوازی حکمرانوں کی سرگرمیوں کی کہانیاں نوآبادیاتی دور اور راجہ مہاراجوں کی آمریت کی یادد تازہ کرتی ہیں۔ تعلیم، معاشی حالات، انتظامی غیرجانبداری، سماجی، ثقافتی اور قدرتی ماحول اور اخلاقیات میں نمایاں گراوٹ کی وجہ سے مغربی بنگال کے شہری ایک طرح سے احساس کمتری کا شکار ہورہے تھے۔بنگال جس سے متعلق کہا جاتا تھا کہ ’’بنگال جو آج سوچتا ہے تو دنیا اس کو کل سوچے گی‘‘  مگر اب بنگال کی تعریف ہونے کے بجائے مذاق کا موضوع بن گیا ہے۔اس کے لیے  عوام حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کو ہی ذمہ دار سمجھتے ہیں۔

    حکمراں چاہے جو بھی اور کوئی بھی پارٹی ہو وہ  یہ سمجھنے لگتی ہے کہ عوام کی یادداشت بہت کمزور ہے ۔جب کوئی واقعہ ہوتا ہے تو فوراً لوگوں کے ذہنوں میں ہلچل مچ جاتی ہے، ہنگامہ ہوتا ہے، میڈیا میں بہت کچھ لکھا جاتا ہے، ٹی وی پر بحثیں ہوتی ہیں ہے اور پھرکچھ دن بعد لوگ سب کچھ بھول جاتے ہیں ۔میڈیا بھی کسی نئے واقعہ یا موضوع پر مصروف ہوجاتا ہے۔اگر دیکھا جائے تو ان کی سوچ درست بھی ہے۔ ماضی کے کئی اہم واقعات کی یادیں رفتہ رفتہ مٹ چکی ہیں۔تقریباً ہر روز کچھ نہ کچھ ہو رہا ہے۔ ہماری یاداشت میں اس کا کتنا حصہ باقی ہے؟ زیادہ تر واقعات وقت گذرنے کے ساتھ بھلا دیئے گئے۔ ہو سکتا ہے کہ نوجوان خاتون ڈاکٹر ایک دن آہستہ آہستہ  یادوں سے غائب ہو جائے۔جس طرح ورون بسواس یا رضوان الرحمن یادوں سے کھوگئے۔ طلبہ  لیڈر انیس خان کا پولس انتظامیہ کے ہاتھوں قتل کو عوام نے فراموش کردیا۔ ملک کی بیشتر سیاسی جماعتوں کے قائدین عوام کی ایسی یادداشت کے حوالے سے  بہت پراعتماد ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ چاہے وہ کچھ بھی کریں، لوگ آخرکار بھول جائیں گے۔ انہیں بھولنے کی صلاحیت کا اتنا یقین ہے کہ ایک المناک، ہولناک واقعے کے بعد بھی پر اعتماد ہوجاتے ہیں کہ ان کااقتدار محفوظ ہے ۔اس لیے انہیں شناخت شدہ سماج دشمن اور بدعنوان لیڈروں کو پناہ دینے میں کوئی دقت نہیں ہوتی ہے۔

    ممتا بنرجی اور ان کی سیاسی جماعت بھی یہ گمان کررہی تھی کہ آرجی کار میڈیکل کالج میں جونیئر ڈاکٹر کا بہیمانہ قتل اور اس کے خلاف نوجوان ڈاکٹروں کا احتجاج وقت کے ساتھ ختم ہوجائے گا اور لوگ اس کو بھول جائیں گے ۔19ویں صدی کے نصف آخر میں انگلینڈ کے ایک نامور تاریخ دان اور سیاسی ماہر لارڈ ایکٹن نے کہا تھا کہ طاقت بدعنوانی کی طرف لے جاتی ہے اور مطلق طاقت مطلق بدعنوانی کو جنم دیتی ہے۔ عموماً طاقت میں اضافے کے ساتھ فرد میں اخلاقیات کا احساس بتدریج کم ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ طاقت تکبر کو جنم دیتی ہے۔ اسی غرور سے حکمراں انصاف اور ناانصافی کا احساس کھونے لگتے ہیں۔ نیکی اور بدی کا فرق دھندلا جاتا ہے۔ پھر کسی بھی شکل میں اقتدار کو برقرار رکھنا اور طاقت کے دائرہ کار کو بڑھانا ہی مقصد بن جاتاہے۔ طاقتوروں کا تکبر اختلاف رائے کو نظر انداز کرنے کی ذہنیت کو جنم دیتا ہے۔ ایمانداری، عدم تشدد، ہمدردی جیسے انسانی جذبات بے قدر اور غیر معتبر ہو جاتے ہیں۔ جمہوری اقدار، آئینی غیرجانبداری جیسی عظیم تر اصول اہمیت کھو دیتے ہیں۔

    اس عصمت دری اور قتل کے واقعے کے بعدبھی ریاستی انتظامیہ میں طاقت اور تکبر کی جھلک صاف نظرآئی ۔ پہلے قتل کو خودکشی ثابت کرنے کی کوشش کی گئی، والدین کو تین گھنٹے تک اندھیرے میں رکھا گیا اور جلد بازی میں پوسٹ مارٹم مکمل کرنے کی کوشش کی گئی۔ میڈیکل کالج کے سابق پرنسپل سندیپ گھوش جو بذات خود طاقت کا محور بن چکے تھے، نے سوال کھڑا کردیا کہ رات میں جونیئر ڈاکٹر کو سیمینار ہال میں جانے کی ضرورت ہی کیا تھی۔غیر حساس رویہ ، حکمراں جماعت کے غیر ذمہ دارانہ تبصرے اور خواتین کا تاریخی احتجاج ’’ری کلیم دی نائٹ ‘‘ کے موقع پر  14 اگست کی رات آر جی کار میڈیکل کالج اسپتال پر مجرمانہ حملہ اور پھر ثبوت کو تباہ کرنے کی کوشش۔ حقیقت یہ ہے کہ حکمراں جماعت نے متکبرحکمرانوں کے انجام کو فراموش کردیا ہے۔

    چند ماہ قبل تک یہ کہاجاتا تھا ممتا بنرجی کی اصل طاقت ریاست میں کنیا شری اور لکشمی بھنڈار جیسی اسکیمیں ہیں جس سے براہ راست خواتین کو فائدہ ہواہے۔ یہ درست بھی ہے کہ ان منصوبوں کے نتیجے میں خواتین کو بہت حدتک فائدہ ہوا ہے۔ مگر اس طرح مالیاتی اسکیموں سے ریاست کی خواتین کس قدر خودکفیل اور بااختیار ہوئی ہیں اور کیا روز مرہ کی زندگی میں وہ معاشی طور پر محفوظ ہیں؟۔ یہی وجہ ہے کہ اب خواتین رقم واپس کرنے کی بات کررہی ہیں ۔حکمراں جماعت کے لیڈروں نے شروع میں کہا کہ ’’ری کلیم دی نائٹ‘‘ صرف شہری اشرافیہ تک محدود ہے مگر اب شہروں سے نکل کر احتجاج گاؤں تک پہنچ رہا ہے۔

    بی جے پی پر مذہب اور پولرائزیشن کی سیاست کے لیے سخت تنقید کرنے والی ممتا بنرجی اب خود اسی راہ پر گامز ن ہیں۔ وہ گزشتہ کئی سالوں سے 43 ہزار درگا پوجا کمیٹیوں کو پوجا کے لیے  گرانٹ دے چکی ہیں۔ پہلے یہ گرانٹ 25, ہزار سے شروع ہوئی اور اب اضافہ ہوکر 85, ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ اگلے سال 2025کے لیے  پہلے ہی سے اعلان کردیا گیا ہے کہ اب ایک لاکھ روپے کی گرانٹ دی جائے گی۔کیا سرکاری خزانے کا استعمال مذہبی رسوم کے لیے درست ہے؟ ممتا بنرجی کا یہ سیکولرازم ہے۔وہ سرکاری خزانے سے بنگال کے سیاحتی شہر دیگھا میں عالیشان مندر کی تعمیر کرارہی ہیں ۔ مگر اب درگا پوجا کمیٹیاں حکومت کے گرانٹ کو واپس کررہی  ہیں۔

    کہاجاتا ہے کہ ’’جب کوئی فنکار حکمران طبقہ کے قریب ہو جاتا ہے، تو وہ احتجاج کی طاقت کھو دیتا ہے‘‘۔ گزشتہ بائیں محاذ کے دور حکومت میں ہی  بندھو مترا (ڈرامہ نگاری کے لیے)، گریش گھوش (ہدایت کے لیے) اور شمبھو مترا (اداکاری کے لیے) کے نام سے فن کاروں کو نوازنے اور ان کے ذریعہ عوامی حمایت حاصل کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔بہت سی دوسری چیزوں کی طرح یہ بھی ’’ سوویت ہینگ اوور‘‘ تھا۔ممتا بنرجی نے بھی اقتدار سنبھالنے کے بعد اس روایت کو نہ صرف جاری رکھا بلکہ اس میں اضافہ کیا اور انہوں نے نہ صرف ایوارڈ کے نام پر  رقم سے نوازا بلکہ بڑی تعداد میں ایسے افراد کو قانون سازاداروں میں بھی بھیجا۔جس کا واحد مقصد فن کار ،جس کی آواز مضبوط اور توانا ہوتی ہے اورعوام میں توجہ سے سنی جاتی ہے، کو خاموش کرنا چنانچہ جب ری کلیم دی نائٹ میں بنگال کے فن کاروں نے شرکت کی تو حکمراں جماعت کے لیڈر جو تکبر میں مبتلا تھے ، طعنے دینے لگے کہ اگر انہیں تکلیف ہوئی ہے تو وہ ایوارڈ واپس کیوں نہیں کردیتے ۔اس لمحے نے فنکاروں کو جھنجھوڑدیا جس کے بعد بنگال میں بھی ایوارڈ واپسی کا سلسلہ  شروع ہوچکا ہے۔ایک کے بعد ایک اداکار و فن کار ایوارڈ واپس کررہے ہیں ۔ایوارڈ واپس کرنے والے ایک فن کار کہتے ہیں کہ یہ سوالات اٹھائے جارہے ہیں کہ پارک اسٹریٹ میں عصمت دری، کامدونی میں عصمت دری اور قتل، حکمراں پارٹی کے لیڈروں کے خلاف بدعنوانی کے الزامات اور سندیش کھالی میں ہونے والے واقعات کے بعد2017 اور 2023 میں ایوارڈ قبول کرنے کا فیصلہ کیوں کیا گیا۔ ’’اگر میں اس وقت نہیں بولا تھا تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ میں اب بھی نہیں بول سکتا۔بنگلہ زبان میں ایک مشہور کہاوت ہے کہ ’’ جب ثقافت کی گھڑی پلٹتی ہے تو ہوا چلتی ہے‘‘

    گرچہ سیاسی جماعتیں اس  حادثے پر سیاست کرکے اس کی اہمیت کو کم کرنے کی کوشش کررہی ہیں لیکن عوامی احتجاج ابھی  جاری ہے۔ تعلیم یافتہ نوجوان جو بڑی تعداد میں اس احتجاج کا حصہ ہیں، سیاسی جماعتیں چاہے بی جے پی ہو یا سی پی آئی ایم یا پھر ترنمول کانگریس، سب  کی چالوں  کو ناکام بنارہے ہیں ۔ 14 اگست کی رات کلکتہ اور بنگال کے دیگر علاقوں میں سڑکوں پر جو ہجوم نظر آیا وہ دراصل بے اعتمادی، مایوسی اور غصے کے مشترکہ جذبات کا عکاس تھا ۔وہ تمام غصہ جوان کے لاشعور کا حصہ بن چکا تھا وہ شعورمیں واپس آرہا ہے۔ کلکتہ میں جو کچھ ہورہا ہے وہ بے مثال ہے۔ احتجاج کی یہ وہی لہر ہے جسے سپریم کورٹ آف انڈیا کے چیف جسٹس نے نیشنل کیتھرسس قرار دیا تھا ۔ مصنف میلان کنڈیرا نے کہا تھا کہ ’’طاقت کے خلاف انسان کی جدوجہد دراصل فراموشی کے خلاف یادوں کی جدوجہد ہوتی ہے‘‘۔ہم نہیں جانتے کہ اس کے نتائج کیا ہوں گے، لیکن اس دور کے کچھ الفاظ اور واقعات زمان و مکان کی حدود کو عبور کر کے ہماری یادوں میں انمٹ الفاظ کی طرح رہ جائیں گے۔ گزشتہ دنوں انگریزی اخبار دی ٹیلی گراف میں کلکتہ شہر سے متصل ہوڑہ کے ایک اسکول تراسوندری بالیکا ودیا بھون کی ہیڈ مسٹریس مونالیسا میتی کا ایک بیان شائع ہوا تھا جس میں احتجاجی طلبہ  سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’میں آپ کو بتانے آئی ہوں کہ اپنے حقوق کے لیے ہر مظلوم کے ساتھ کھڑے ہوں ورنہ آپ کو کبھی اپنے حقوق نہیں ملیں گے۔‘‘ انہوں نے کہا ’’اگر ریاست ٹوٹتی ہے تو اٹھارہ سال سے کم عمر کے فرد کو بھی فیصلہ کرنا پڑتا ہے۔خواتین کے ایک گروپ نے کون نگر محلے میں درگا پوجا کے لیے سرکاری گرانٹ واپس کرنے کا اعلان کرتے ہوئے  کہا کہ جب ناانصافی معمول بن جائے تو احتجاج فرض بن جاتا ہے۔ اس طرح غیر مسلح طلبہ  اور نوجوانوں  کے احتجاج میں بار بار گاندھی واپس آرہے ہیں اور شاہین باغ تحریک کی بھی یاد تازہ ہورہی ہے۔

    مگر اس پورے سیاسی منظرنامہ کا سب سے تکلیف دہ پہلو یہ ہے کہ ریاست کی 30,فیصد مسلم آبادی اس پوری ہنگامہ آرائی سے لاتعلق بنی ہوئی ہے۔ایسا لگتا ہے کہ بنگال میں کچھ ہوہی نہیں رہا ہے۔ کنارہ کشی، اجتماعی مسائل سے چشم پوشی والے رویے نے مسلمانوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور اس بدگمانی کو مزید تقویت پہنچائی کہ مسلمان  ایک خودغرض اور اپنے مسائل میں محصور رہ جانے والی ہی کمیونٹی ہے۔ جب کہ ریاستی جبر میں طلبہ  انیس خان، صدیق ہلدار اور آئے دن غیر مقیم مسلم بنگالی مزدوروں کی لاشیں مسلم دشمن نفرت کی بھینٹ چڑھنے کی وجہ سے ہریانہ اور دیگر ریاستوں سے آتی رہتی ہیں ۔

  • طوفان الاقصیٰ کے بعد اسرائیل کی صورت حال

    طوفان الاقصیٰ کے بعد اسرائیل کی صورت حال

    بلا شبہ طوفان الاقصی نے اسرائیل کے ریاستی ڈھانچے کو  زبردست دھکا پہنچایا ہے، جس  کے اثرات کا جائزہ لینے کے لئے ہمیں صرف عسکری نقصانات کے بجائے اس کے سماجی اور نفسیاتی اثرات پر  بھی غور کرنا ہوگا۔ڈاکٹر مصطفى حسانين نصار نے عربی میگزین المجتمع میں  اپنے ایک مضمون میں اس کا تجزیہ کیا ہے کہ  کس طرح طوفان الاقصی نے اسرائیلی سماج کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں اور اس کے نتیجے میں کس قدر گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

    سماج کی دراڑیں

    طوفان الاقصی نے اسرائیلی معاشرے کے تانے بانے کو کافی   گہرئی چوٹ پہنچائی ہے ، جس کا واضح ثبوت معروف اسرائیلی صحافیوں اور تجزیہ کاروں کی تحریروں میں دیکھنے کو ملتا ہے ۔ معاريف کے جنرل یتسحاق بریک نے ایک مضمون میں اس حقیقت کا اظہار کیا ہے کہ جنگ کی شدت نے اسرائیل کے اندرونی اختلاف  کو بڑھا دیا ہے۔ مذہبی اور سیکولر طبقے، دائیں اور بائیں بازو، عربوں اور یہودیوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ نے ریاستی استحکام کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔معروف صحافی بن کسپیٹ کے مطابق، اسرائیل بحران کے کنارے پر نہیں بلکہ خود بحران میں ہے۔ شہریوں کی فوجی اڈوں کے دروازے توڑنے کی کوششیں اس بات کی علامت ہیں کہ سماج کی بنیادیں کس حد تک کمزور ہو چکی ہیں۔تل ابیب میں یحیی السنوار کی تصویر کے ساتھ وارننگ پوسٹر بھی یہ بتاتے ہیں کہ اسرائیلی سماج میں داخلی انتشار  کی گہرائی اور اس کے اثرات پر سوالات اٹھاتے ہیں۔

    خوف اور حوصلے کی کمی

    طوفان الاقصی نے اسرائیلی عوام پر خوف و ہراس مسلط کر دیا ہے۔ فوجی جوانوں اور افسروں پر بھی اس کے منفی اثرات دکھائی دے رہے  ہیں۔ معاريف کے ڈاکٹر ایتان ہا یا م کے مطابق، جنگ کے 10 ماہ بعد تقریباً 10 ہزار فوجی نفسیاتی صدمات کا شکار ہو چکے ہیں اور علاج کے لئے رجوع کر رہے ہیں۔فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق، جنگ کے دباؤ کے ردعمل میں اسرائیل میں مخدرات اور مهدی دواؤں کا استعمال بھی نمایاں طور پر بڑھ گیا ہے۔ لوگوں نے شدید دباؤ کے ردعمل میں مختلف منشیات کا استعمال بڑھا دیا ہے۔

    مخالف ہجرت اور وطن کی محفوظ تصویر کا خاتمہ

    طوفان الاقصی کے نتیجے میں اسرائیل میں مخالف ہجرت کی لہر اُٹھ رہی ہے، جو کہ اسرائیلی میڈیا میں بھرپور طریقے سے رپورٹ کی جا رہی ہے۔ حالیہ مہینوں میں کئی افراد نے ملک چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے، خاص طور پر غلاف غزہ اور شمالی سرحد کے علاقوں سے۔ادبی حلقے میں بھی اسرائیل کی موجودہ صورت حال پر تنقید کی جارہی ہے۔ ہاآرتس کے ادیب ب. میخائل نے ایک مضمون میں اسرائیل کی موجودہ حالت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور اسے نسل پرستی، قوم پرستی، عسکریت پسندی، اور مذہبی تعصب کا مجموعہ قرار دیا ہے۔

    نتیجہ

    یہ تمام شواہد اور واقعات اسرائیلی سماج کے بکھرنے اور خوف و ہراس کے گہرے اثرات کو اجاگر کرتے ہیں۔ انسانی نقصانات کے علاوہ، ان سماجی اور نفسیاتی نقصانات کا اثر اسرائیل کے مستقبل پر پڑے گا۔ اسرائیل کی مکمل اور ابدی شکست کے لئے عالمی سطح پر بنیادی تبدیلیاں ضروری ہیں، جو اس کے بڑے حامیوں کو کمزور اور اسلامی دنیا میں مثبت تبدیلیاں لائیں۔ ان حالات کا صحیح تجزیہ ہمیں یہ سمجھنے میں مدد دے گا کہ اسرائیل کی موجودہ مشکلات اور چیلنجز کے پیچھے کیا عوامل کارفرما ہیں اور ان کے دور رس اثرات کیا ہو سکتے ہیں۔

  • جے این یو کو کرائے پر دینے کی تیاری

    جے این یو کو کرائے پر دینے کی تیاری

    ‎ملک کی دارالحکومت دہلی میں واقع جواہرلال نہرو یونیورسٹی یعنی جے این یو بلا شبہ ملک کا تعلیمی سرمایہ ہے۔ اس بات کا اعتراف نیاک (نیشنل اسسمنٹ اینڈ ایکریڈیٹیشن کونسل) بھی کرتا ہے اور اسے ملک کی ٹاپ یونیورسٹی کے زمرے میں رکھتا ہے۔ یہی نہیں، یو جی سی نے یونیورسٹی کے کئی تعلیمی مراکز کو ‘سینٹرز آف ایکسیلنس’ قرار دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جے این یو میں پڑھنے کی خواہش لاکھوں طلبہ اور طالبات کی ہوتی ہے۔ جو بچے شعبہ فن و بشریات، سماجی علوم اور بین الاقوامی امور میں داخلہ لینا چاہتے ہیں، ان کی پہلی پسند اکثر جے این یو ہی ہوتی ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں بھارت اور بیرونی ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ اور طالبات جے این یو میں داخلہ پانے کے لیے سالوں سال تیاری کرتے ہیں، اور ان میں سے کچھ ہی خوش قسمت امیدواروں کو اَراولی کی پہاڑی پر بسے اس خوبصورت یونیورسٹی میں پڑھنے کا موقع ملتا ہے۔

    ‎ملک میں تحقیق اور ریسرچ کو فروغ دینے اور سماج کے دبے کچلے طبقات کو صلاحیت تربیت دینے کے لیے جے این یو کا قیام عمل میں آیا۔ یہ یونیورسٹی 1966 میں پارلیمنٹ سے پاس کیے گئے جے این یو ایکٹ کے تحت وجود میں آئی، جس میں اس یونیورسٹی کے مقاصد واضح ہیں۔ اس یونیورسٹی کی تشکیل سماجی انصاف کے اصولوں پر کی گئی تھی۔ جے این یو ایکٹ واضح طور پر کہتا ہے کہ "یونیورسٹی ان اصولوں کے مطالعہ کو فروغ دینے کی کوشش کرے گی جن کے لیے جواہرلعل نہرو نے اپنی زندگی کے دوران کام کیا، جیسے قومی یکجہتی، سماجی انصاف، سیکولرازم، جمہوری طرز زندگی، بین الاقوامی تفہیم اور معاشرتی مسائل کے لیے سائنسی نقطہ نظر”۔

    ‎مگر بہت ہی دُکھ کی بات ہے کہ گزشتہ ۱۰ سالوں میں جے این یو کے تشخص کو بدلنے کے لیے ہر طرح کی سازشیں کی گئی ہیں۔ جہاں ایک طرف جے این یو کے بیدار طلبہ و طالبات کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا گیا ہے اور ان میں سے بعض کو جیل میں قید بھی کیا گیا ہے، وہیں فلاحی کاموں سے متعلق فنڈز میں بھی کمی کر دی گئی ہے۔ آج حالات اس قدر خراب ہو چکے ہیں کہ اس یونیورسٹی کے بعض اثاثوں کو بازار میں کرائے پر دینے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ یہ سب نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی حکومت کی طلبہ مخالف پالیسی کا حصہ معلوم ہوتا ہے۔ میڈیا میں یہ بات گشت کر رہی ہے کہ ملک کے اس موقر تعلیمی ادارے کے اثاثوں کو کوڑی کے دام میں نجی کمپنیوں کو کرائے پر دینے کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔ اس پورے معاملے پر آر ایس ایس اور بی جے پی کی مجرمانہ خاموشی ان کی دوہری سیاست کو عیاں کر رہی ہے۔ جہاں بھگوا تنظیمیں دن رات بھارت کو "وِشو گرو” بنانے کا خواب بیچتی ہیں، وہیں اس کے دور حکومت میں ملک کی ایک یونیورسٹی کو چلانے کے لیے اس کے اثاثوں کو بھاڑے پر پرائیویٹ کمپنیوں کو دینے کا بھی منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔

    ‎جے این یو کے بعض اثاثوں کو کرائے پر دینے کی بات خود جے این یو کی وائس چانسلر پروفیسر سانتی شری دھولی پوری پنڈت نے پریس کے سامنے آ کر کہی ہے۔ ‘دی انڈین ایکسپریس'(17,اگست) میں ان کا تفصیلی بیان شائع ہوا ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ جے این یو کے پاس گومتی گیسٹ ہاؤس اور35  فیروز شاہ روڈ جیسے اثاثے ہیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ ان اثاثوں کو  پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ماڈل پر کرائے پر دینے کا متمنی ہے تاکہ یونیورسٹی کو مسلسل فنڈز مل سکیں۔ ایک اور اہم بات جو جے این یو کی وائس چانسلر نے کہی وہ یہ تھی کہ یونیورسٹی کیمپس کے اندر موجود ایک درجن کے قریب قومی ادارے، جو اسے کرایہ نہیں دیتے، ان سے بھی کرایہ لینے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔

    ‎غور طلب بات یہ ہے کہ گومتی گیسٹ ہاؤس دہلی کے مَنڈی ہاؤس کے قریب واقع ہے، جہاں فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی عمارت ہے۔ گومتی گیسٹ ہاؤس اس عمارت کے پیچھے واقع ہے۔ جے این یو کی وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ اسے کسی پرائیویٹ ادارے کو دینے کے بارے میں سوچ رہا ہے تاکہ یونیورسٹی کو ایک رقم کرائے کے طور پر مل سکے۔ انتظامیہ کو امید ہے کہ گومتی گیسٹ ہاؤس سے فی ماہ 50 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک کی آمدنی ہو جائے گی۔

    ‎جے این یو کی وائس چانسلر کی باتوں کا خلاصہ یہ ہے کہ یونیورسٹی کی جائیدادوں کو "مانیٹائز” کیا جائے تاکہ یونیورسٹی کے پاس فنڈز کی کمی دور ہو سکے۔ پریس کو اس بارے میں مزید معلومات دیتے ہوئے جے این یو کی وائس چانسلر نے کہا کہ گومتی گیسٹ ہاؤس کے علاوہ، فیروز شاہ روڈ پراپرٹی پر انڈین چیمبر آف کامرس کے طرز پر ایک کثیر المنزلہ عمارت بنائی جائے گی، جس میں سیمینار ہال، آڈیٹوریم، اور گیسٹ ہاؤس شامل ہوں گے، اور انہیں پھر کرائے پر دے دیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس تعمیر میں دو سال سے زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔

    علاوہ ازیں، جے این یو انتظامیہ یہ بھی کوشش کر رہا ہے کہ اس کے کیمپس کے اندر جو 12, قومی ادارے موجود ہیں، ان سے ہر ماہ کرایہ لیا جائے۔ جے این یو کی وائس چانسلر کو امید ہے کہ جب یونیورسٹی کے اثاثوں سے کرایہ آنے لگے گا تو یونیورسٹی کے پاس آمدنی کا ایک مستقل ذریعہ تیار ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی فیس بڑھانے کے بارے میں نہیں سوچ رہی ہے، اس لیے کرایہ لینے کے علاوہ زیادہ متبادل نظر نہیں آ رہے ہیں۔ جے این یو کی وائس چانسلر نے اس بات کی طرف بھی اشارہ دیا کہ یونیورسٹی کیمپس میں سولر پینلز لگانے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ یونیورسٹی کو بجلی کے بل کے طور پر بڑی رقم نہ دینا پڑے۔ وائس چانسلر کا دعویٰ ہے کہ جے این یو کو ہر ماہ اپنے فنڈ کا ایک بڑا حصہ بجلی پر خرچ کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ طلبہ سب کچھ "مفت” چاہتے ہیں، یہاں تک کہ اے سی بھی۔ حالانکہ وائس چانسلر کا یہ بیان کہ طلبہ مفت خوری کی ذہنیت میں مبتلا ہیں، کافی مایوس کن ہے۔ جے این یو کے ہاسٹلوں میں صرف بلب، ٹیوب لائٹ، اور پنکھا چلانے کی اجازت ہوتی ہے، جبکہ انتظامیہ کے افسران کے کمروں میں اے سی لگا ہوتا ہے۔ خود وائس چانسلر کے چیمبر میں کئی سارے اے سی لگے ہوئے ہیں، مگر طلبہ کو ہاسٹل میں بلب اور پنکھے کا معمولی سا بجلی بل بھی ادا کرنا ناگوار گزر رہا ہے۔ یہ بتلاتا ہے کہ جے این یو انتظامیہ معیاری تعلیم کو ہر طالب علم کو مہیا کرانے کے اپنے فریضے سے منہ موڑ رہی ہے اور وہ ہر چیز کو منافع خوری کے نقطہ نظر سے دیکھ رہی ہے۔

    ‎جے این یو کے اثاثوں کو کرائے پر دینے کے علاوہ، جے این یو انتظامیہ یونیورسٹی کو فی الحال مالی دباؤ سے نکالنے کے لیے ‘انسٹی ٹیوٹ آف ایمیننس’ کے درجہ کا مطالبہ کر رہی ہے۔ اسے امید ہے کہ جیسے ہی جے این یو کو یہ اعزاز حاصل ہو جائے گا، اسے ایک ہزار کروڑ روپے کی مالی امداد مل جائے گی، جس سے یونیورسٹی ایک بڑی رقم بطور سود حاصل کرتی رہے گی، اور اس سے جے این یو کے مالی بحران سے نکلنے میں آسانی ہوگی۔ حالانکہ اس مطالبے کی حمایت میں بائیں بازو کی طاقتیں بھی سامنے آ گئی ہیں۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے راجیہ سبھا رکن پی سندوش کمار نے مرکزی وزارت تعلیم کو خط لکھا ہے اور انہوں نے جے این یو کے لیے "انسٹی ٹیوٹ آف ایمیننس” کے درجہ کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنا خط وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کو ارسال کر کے جے این یو کے مالی بحران پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سی پی آئی کے راجیہ سبھا ممبر نے جے این یو کے خراب انفراسٹرکچر کا بھی مسئلہ اٹھایا ہے اور اس بات پر بھی رنج کا اظہار کیا ہے کہ اساتذہ کی ترقیوں کو لے کر ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ سی پی آئی ایم پی نے اپنے خط کے ذریعے وزیر تعلیم پردھان کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ جے این یو کے اثاثوں کو پرائیویٹ ہاتھوں میں دینے کی کوشش افسوسناک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ جے این یو جیسے باوقار ادارے کو منافع خوری کی ذہنیت سے دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا ہے کہ مودی حکومت تعلیم عامہ پر سرکاری اخراجات کو کم کر رہی ہے۔

    ‎جہاں جے این یو کے مالی بحران کی بات ملک کے سیکولر اور بائیں بازو کے سیاست دان اٹھا رہے ہیں، وہیں جے این یو کے طلبہ و طالبات "فنڈ کٹ” اور اپنے حقوق پر ہو رہے حملوں کے خلاف دھرنے پر بیٹھے ہوئے تھے۔ گزشتہ دنوں جے این یو کے طلبہ و طالبات برسات کے اس موسم میں سابرمتی ٹی پوائنٹ کے پاس سڑک کے کنارے بھوک ہڑتال پر تھے۔ ان کی ہڑتال ایک ہفتے سے زیادہ دنوں تک چلی۔ انہوں نے 23 اگست کے روز وزارتِ تعلیم کے دفتر تک مارچ بھی نکالا۔ انہوں نے جے این یو میں مسلسل ہو رہے فنڈ کٹ کا مسئلہ اٹھایا۔ ان کے مطالبات میں ایک پہلو یہ ہے کہ طلبہ و طالبات کے لیے وظیفہ کو پانچ ہزار روپے تک کر دیا جائے۔ اس کے علاوہ انہوں نے یونیورسٹی کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے اور لائبریری کے ڈھانچے کو بہتر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    ‎مگر جے این یو طلبہ و طالبات کے مطالبات کو ابھی تک جے این یو انتظامیہ نظر انداز کر رہا ہے۔ طلبہ کے تمام مطالبات کو خارج کرنے کے لیے جے این یو وی سی کے پاس ایک آسان بہانہ ہے کہ یونیورسٹی کے پاس فنڈ نہیں ہے۔ مگر جے این یو کے طلبہ یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ اگر یونیورسٹی کے پاس واقعی فنڈز کی کمی ہے تو پھر یونیورسٹی کیسے جے این یو کے لوگو کو تبدیل کرنے کے لیے دو کروڑ روپے خرچ کر سکتی ہے؟ طلبہ یونین کا یہ بھی الزام ہے کہ یونیورسٹی لائبریری کے فنڈ میں 80 فیصد کٹوتی کردی گئی ہے۔ جے این یو طلبہ کے مطالبات کو انتظامیہ بھلے ہی نظر انداز کر دے، مگر یہ بات اب اعداد و شمار کے حوالے سے سامنے آ گئی ہے کہ جے این یو میں طلبہ کے فلاح سے متعلق فنڈ اور ریسرچ کے بجٹ میں کافی کمی آئی ہے۔ ,31اگست کے روز، انگریزی کے مشہور اخبار "ٹیلی گراف” میں ایک خبر جے این یو کے فنڈ کٹ سے متعلق شائع ہوئی، جس میں جے این یو کی سالانہ رپورٹ کی بنیاد پر دکھایا گیا ہے کہ جے این یو انتظامیہ نے اکیڈیمک بجٹ کو گزشتہ 10 سالوں میں 50 فیصد کم کر دیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق، سب سے زیادہ نقصان ریسرچ اسکالرز کو ہوا ہے، جو فیلڈ ورک کے لیے یونیورسٹی سے مالی تعاون کے متمنی تھے۔ سال 2014 کے بعد جب ملک میں نریندر مودی کی حکومت مرکز میں آئی تب سے مسلسل طلبہ و طالبات کے وظیفے میں بھاری کمی کی گئی ہے۔ جے این یو نے گزشتہ ایک دہائی میں اکیڈیمک جرنلز کی خریداری بھی تقریباً بند کر دی ہے اور سیمینار کے لیے بھی گرانٹ بڑی مشکل سے ملتی ہے۔اگر کوئی گرانٹ ملتا بھی ہے تو سب ایسے پروگرام ہوتے ہیں جو آر ایس ایس اور بی جے پی کے ایجنڈوں کو آگے بڑھاتے ہیں۔ ٹیلی گراف نے جے این یو کی اپنی سالانہ رپورٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ دس سال پہلے وظیفے پر 15 کروڑ روپے سے زیادہ خرچ کیا جاتا تھا، جو اب کم ہو کر 3,کروڑ پرآ گیا ہے۔ اس طرح آپ دیکھ سکتے ہیں کہ وظیفے، جس کا سیدھا فائدہ غریب اور ضرورت مند طلبہ کو ہوتا ہے، میں پانچ مرتبہ تخفیف کر دی گئی ہے۔ لیب کے لیے آج سے 10 سال پہلے 2 کروڑ روپیہ خرچ ہوتا تھا، اب اسے ایک کروڑ کے اندر سمیٹ دیا گیا ہے۔ اسی طرح، فیلڈ ورک اور کانفرنس کے لیے 90 لاکھ روپے دیے جاتے تھے، مگر ایک دہائی میں یہ رقم 11 لاکھ پر آ گئی ہے۔ آسان لفظوں میں کہیں تو فیلڈ ورک اور کانفرنس کے لیے مالی امداد میں 80 سے 90 فیصد کی کمی آئی ہے۔ آج سے دس سال پہلے سیمینار کے لیے ایک کروڑ روپے ملتے تھے، وہ اب آدھا کر دیا گیا ہے۔ جرنلزکی خریداری میں بھی بڑی تخفیف کی گئی ہے۔ دس سال پہلے جہاں 8 کروڑ سے زیادہ اس پر خرچ کیا جاتا تھا، وہیں آج اس کے لیے صرف دو کروڑ ہی مختص کیے جاتے ہیں۔ جے این یو کے فنڈ کٹ پر جے این یو اساتذہ کا کہنا ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ کسی بھی یونیورسٹی کے بجٹ میں اضافہ ہونا چاہیے۔ مگر جب اس میں اضافہ نہیں ہوتا تو پھر انتظامیہ فلاحی کاموں سے اپنے ہاتھ کھینچنے لگتی ہے، جس کا سب سے زیادہ نقصان طلبہ و طالبات کے مفاد پر پڑتا ہے۔

    جہاں ایک طرف ٹیلی گراف کی خبر یہ کہتی ہے کہ جے این یو انتظامیہ نے گزشتہ ایک دہائی میں طلبہ اور ریسرچ سے متعلق فنڈ میں کافی کٹوتی کی ہے، وہیں "انڈیا ٹوڈے” (20 جولائی،2024) نے ایک آر ٹی آئی کی بنیاد پر یہ خبر شائع کی ہے کہ گزشتہ دس سالوں میں جے این یو کے فنڈ میں ڈیڑھ مرتبہ اضافہ ہوا ہے۔ وہیں دوسری طرف یونیورسٹی نے بڑی تعداد میں اپنے ہی طلبہ کے خلاف بہت سارے ایف آئی آر بھی درج کی ہے۔ جب سے بھگوا طاقتوں نے جے این یو پر اپنا قبضہ جمایا ہے تب سے لاکھوں کی تعداد میں طلبہ اور طالبات سے مظاہرے کرنے اور نظم و ضبط کے نام پر جرمانہ لیا گیا ہے۔ انظامیہ ہی جانتی ہے کہ ان پیسوں کا کہاں استعمال کیا گیا ہے۔ انڈیا ٹوڈے کی مذکورہ خبر کے مطابق، پونے کے ایک آر ٹی آئی جہدکار پرپھل ساردا نے یہ معلومات حاصل کی ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کے دور میں گزشتہ دہائی کے مقابلے میں زیادہ سبسڈی دی گئی ہے۔ آر ٹی آئی سے پتہ چلا ہے کہ سال 2004 سے سال 2015 کے درمیان، جے این یو کو کل دو ہزار 55,کروڑ روپے کی سبسڈی ملی۔ اس کے مقابلے میں، گزشتہ دہائی کے دوران سبسڈی بڑھ کر تین ہزار 30,کروڑ روپے ہوگئی۔ ایسا لگتا ہے کہ سبسڈی میں ڈیڑھ گنا اضافہ بڑھی ہوئی مہنگائی اور بڑھتی ہوئی ٹیچروں کی تنخواہوں کے مدنظر کچھ زیادہ نہیں تھا۔ یہ بات سب کو معلوم ہے کہ جے این یو میں طلبہ و طالبات کی تعداد او بی سی ریزرویشن کے نفاذ کے بعد تقریباً دو گنا بڑھ گئی۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ او بی سی ریزرویشن کے مدنظر جنرل کوٹے کی سیٹیں بھی بڑھا دی گئی تھیں۔ بعد کے سالوں میں جے این یو میں بہت سارے نئے شعبے کھلے اور بہت سارے ٹیچروں کی تقرریاں ہوئیں۔

    ‎اگر ان باتوں کو دھیان میں رکھا جائے تو سبسڈیز میں اضافہ فنڈ کٹ کی لاجک کو خارج نہیں کرتا ہے، کیونکہ یونیورسٹی کے بجٹ کا بڑا حصہ طلبہ کے فلاحی کاموں کے علاوہ کہیں اورخرچ ہو رہا ہے۔ ایک بہت بڑا فنڈ بھگوا جماعت کے سیاسی ایجنڈے کو پورا کرنے کے لیے پانی کی طرح بہایا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی کی عمارتوں کا بھی برا حال ہے۔ فنڈ کی کمی کی وجہ سے بہت سارے مقامات پر چھتیں ٹوٹ کر گر رہی ہیں اور کچھ بارش کے موسم میں ٹپک رہی ہیں۔ یہ سب اشارہ کرتا ہے کہ مودی حکومت ہو یا جے این یو انتظامیہ، ان کی نظر میں تعلیم عامہ کی زیادہ اہمیت نہیں ہے۔ ان کی پوری کوشش ہے کہ تعلیم کو بازار کے حوالے کر دیا جائے۔ اسی سوچ کی وجہ سے جے این یو کے اثاثوں کو کرایہ پر دینے کا ناپاک منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔

    یہ افسوسناک ہے کہ ملک کی مؤ قر یونیورسٹی کی جائیداد کو سرمایہ داروں کے حوالے کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ حالانکہ جے این یو کی وی سی نے دعویٰ کیا ہے کہ گومتی گیسٹ ہاؤس کو کرایہ پر دینے سے یونیورسٹی کو صرف 50, ہزار سے ایک لاکھ روپے ماہانہ ملے گا۔ مگر کوئی جاکے وی سی موصوفہ سے پوچھے کہ یہ چھوٹی سی رقم جے این یو جیسی بڑی یونیورسٹی کے اخراجات کا کتنا حصہ برداشت کر پائے گی؟ کیا اس رقم سے یونیورسٹی کے ایک پروفیسر کو تنخواہ دی جا سکتی ہے؟ ہرگز بھی نہیں۔ بہت سارے طلبہ و طالبات کے ذہن میں یہ سوال بھی گردش کر رہا ہے کہ کہیں گومتی گیسٹ ہاؤس کو کرایہ پر دینے کے پیچھے بھگوا جماعت سے قریب سرمایہ داروں کی لابی کارفرما تو نہیں ہے، جو سالوں سے جے این یو کی ملکیت پر لالچی نگاہیں لگائے ہوئے ہیں؟

    ‎یہ جے این یو انتظامیہ کی خام خیالی ہے کہ اس طرح کےاثاثوں کو کرایے پر دینے کے اقدامات یونیورسٹی کی آمدنی کا مستقل ذریعہ بن جائیں گے۔ جب سے جے این یو کی وی سی کا مذکورہ بیان آیا ہے، تب سے عوام اس بات سے فکرمند ہیں کہ کہیں یہ سب جے این یو کو پوری طرح منافع خوری کے ماڈل پر ڈھالنے کی سازش تو نہیں ہیں؟ عوام کو اس بات سے ناراضگی ہے کہ جے این یو انتظامیہ تعلیم کو بازار میں بیچنے اور خریدنے کی شَے سمجھ کر کام کر رہی ہے۔

    ‎حیققت تو یہ ہے کہ جے این یو میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے، وہ ملک کے مختلف حصوں میں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ آج ہر طرح کی تعلیم مہنگی ہوتی جا رہی ہے۔ غریب آدمی اپنے بچوں کو اچھی تعلیم دینے سے قاصر ہے۔ ملک کے پالیسی سازوں کی کوشش ہے کہ تعلیم کو سرمایہ داروں کے حوالے کر دیا جائے۔ انہیں معلوم ہے کہ جب تک سرکاری اسکول اور کالج برباد نہیں ہوں گے، تب تک پرائیویٹ تعلیمی ادارے آباد نہیں ہوں گے۔ افسوس کی بات ہے کہ ملک کے اعلیٰ منصوبہ بندی کرنے والے طبقے کے ذہنوں میں ایک ہی بات گردش کر رہی ہے کہ تعلیمی اداروں سے سوچنے اور سمجھنے والے طلبہ و طالبات نہیں، بلکہ فیکٹریوں اور کمپنیوں میں 12 سے 14 گھنٹے تک کام کرنے والے روبوٹ نکلیں۔ انہیں جے این یو کے کردار سے اس لیے بھی بغض ہے کیونکہ وہاں کے بچوں میں سیاسی بیداری پائی جاتی ہے اور ان کا ذہن فرقہ واریت کو قبول نہیں کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جے این یو اور اس جیسے تعلیمی اداروں کے خلاف برسر اقتدار بھگوا طاقتیں مسلسل پروپیگنڈا کرتی ہیں۔ پزشتہ 10 سالوں سےجے این یو کو ملک مخالف یونیورسٹی کہہ کر بدنام کیا گیا ہے۔ بھگوا جماعت کے حامی پالیسی ساز آئے دن اخباروں میں مضامین لکھ کر حکومت کو یہ نصیحت دیتے ہیں کہ اعلیٰ تعلیمکے حلقہ میں زیادہ بچوں کو داخلہ دینے کی پالیسی بھارت کی معیشت کے لیے درست نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جے این یو میں "سیٹ کٹ” کیا گیا اور پی ایچ ڈی میں داخلے کو پیچیدہ بنایا گیا تاکہ کم سے کم امیدوار اس طرف رُخ کریں۔ ایسی سرمایہ دارانہ ذہنیت حکومت کو مشورہ دیتی ہے کہ وہ شعبہ فن و بشریات اور سماجی علوم کی جگہ، پیشہ ورانہ کورسز کو فروغ دے تاکہ سرمایہ داروں کو سستے مزدور آسانی سے مل جائیں۔ جے این یو ماڈل ایسی غریب اور مزدور مخالف ذہنیت کے خلاف رہا ہے۔

    ایسی منافع خور ذہنیت نہ صرف مزدور مخالف ہے، بلکہ یہ دلت، بہوجن اور اقلیتوں کے مفاد کے بھی خلاف ہے۔ یہ بات کسی سے مخفی نہیں ہے کہ بھارت کے کمزور طبقات کو تعلیم سے دور رکھ کر ہی غیر برابری کا یہ نظام کھڑا کیا گیا ہے۔ اعلیٰ ذات کے افراد نے نہ صرف انہیں وسائل سے محروم رکھا، بلکہ انہیں پڑھنے لکھنے کے قابل بھی نہ سمجھا۔ انگریزوں کی آمد سے پہلے، تعلیمی اداروں تک کمزور طبقات کی رسائی بہت ہی کم تھی۔ مگر جدید دور میں، جہاں نوآبادیت کا سیاہ دور دیکھا گیا، وہیں اس دور میں تعلیم عامہ کا نظام بھی کھڑا ہوا، جہاں تعلیم حاصل کرنے میں ذات، مذہب اور جنس کی قید نہیں تھی۔ قومی تحریک کے بعد جب ملک میں جمہوری ڈھانچہ قائم ہوا، تو ریاست کو یہ ذمہ داری دی گئی کہ وہ سب کو تعلیم مہیا کرے اور سماج میں مساوات کو فروغ دے۔ ایسی ہی فکر کے پیٹ سے جے این یو کا جنم ہوا تھا۔

    ‎حالانکہ اعلیٰ ذات کی لابی نے ریزرویشن کو نافذ کرنے میں ہر طرح کی رکاوٹیں ڈالیں، مگر مساوات کی تحریک نے بہت ساری رکاوٹوں کو راہ سے ہٹانے میں کامیابی حاصل کی۔ جے این یو میں بھی ریزویشن حاصل کرنے کےلیے لمبی لڑائی چلی اور بڑی مشکل سے محکوم طبقات نے یہاں اپنی جگہ بنائی۔ یہ سچ ہے کہ آج بھی تعلیمی اداروں پر مٹھی بھر اعلیٰ ذات کے افراد چھائے ہوئے ہیں، مگر اس بات سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا کہ محکوم طبقات کے بہت سارے لوگ لڑ کر تعلیم حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ محکوم طبقات کے یہ پڑھے لکھے افراد اپنے سماج کا حق پانے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور بابا صاحب امبیڈکر کے مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ ایسی لابی جے این این یو میں بھی کافی مضبوط ہے اور تعلیم کو مہنگا کر جے این یو انتظامیہ کمزور کرنا چاہتا ہے۔

    ‎یہی وجہ ہے کہ ملک کے اعلیٰ ذات کے پالیسی ساز یہ نہیں چاہتے کہ جے این یو کی حالت بہتر ہو۔ اسی طرح وہ اس بات کے خواہشمند نہیں ہے کہ عام سرکاری اسکولوں اور کالجوں کی حالت بہتر ہو۔ انہیں خوف ہے کہ اگر ان تعلیمی اداروں میں بہتر سہولیات ہوں گی، تو کمزور طبقات کے لوگ ریزرویشن کی مدد سے یہاں قابض ہو جائیں گے۔ ارباب اقتدار کو اس بات کا بھی خوف ہے کہ معیاری تعلیم کے پھیلاؤ سے سماج میں بیداری پیدا ہو گی اور پھر سماجی اصلاح کی تحریک جنم لے گی۔ یہی وجہ ہے کہ رجعت پسند طبقات تعلیم عامہ کو فروغ دینے سے ڈرتے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ تعلیمی حلقے پر بازار کا قبضہ ہو جائے تاکہ صرف پیسے والوں کے بچے ہی پڑھ لکھ سکیں اور عام جنتا اَن پڑھ بنی رہے تاکہ مٹھی بھر طاقتور لوگوں کی بالادستی بدستور قائم رہے۔ یہی وجہ ہے کہ سرکاری تعلیمی اداروں کی اندیکھی کی جا رہی ہے۔ جے این یو سے باہر تو حالات اور بھی خراب ہیں۔سرکاری اسکولوں اور کالجوں کے کلاس رومز کے دروازے اساتذہ کی کمی کی وجہ سے طلبہ و طالبات کے لیے بند کیے جا رہے ہیں۔ ملک کے مستقبل کو نجی تعلیمی اداروں nکی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ کوچنگ سینٹرز بچوں کو سبز باغ دکھا کر ان سے موٹی رقم لوٹ رہے ہیں۔ جلدی سے کامیابی حاصل کرنے کے نام پر، کوچنگ سینٹرز بچوں کو نقلی اور غیر مستند کتابوں کی بیساکھی پر چلنے کی تربیت دے رہے ہیں۔ جے این یو کے ایڈمیشن کو بھاری پھیر بدل اور نصاب میں تبدیلی کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ جے این یو انتظامیہ نہیں چاہتا ہے کہ طلبہ کے اندر میں سیاسی شعور پیدا ہو۔ اسی لیے سوالات کے پیٹرن میں تبدیلی کیاجا رہا ہے تاکہ بچیں "گائیڈ بک”  کی طرف متوجہ ہوں۔

    جہاں ایک طرف ملک کے حکمراں بھارت کو "وشو گرو” بنانے کا خواب بیچ رہے ہیں، وہیں بجٹ تیار کرتے وقت ان کی پوری کوشش ہوتی ہے کہ تعلیم عامہ سے متعلق فنڈ کو کم کر دیا جائے، تاکہ عوام پریشان ہو کر پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی طرف جانے پر مجبور ہو جائیں۔ ارباب اقتدار اپنا سینہ چوڑا کر کے یہ بات چیخ چیخ کر کہتے ہیں کہ بھارت دنیا کی تیسری بڑی معیشت بننے جا رہا ہے، مگر انہیں اس بات پر شرم نہیں آتی کہ بھارت سے چھوٹی معیشتیں تعلیم کے شعبے میں ہم سے زیادہ بجٹ مختص کرتی ہیں۔ اربات اقتدار کو اس بات پر بھی شرم نہیں آتی کہ وہ فنڈ کٹ کر کے اپنے تعلیمی اثاثوں کو تباہ کر رہے ہیں۔ ایک عرصے سے سوشلسٹ تحریک کا یہ مطالبہ رہا ہے کہ تعلیم پر بجٹ کا ۱۰ فیصد حصہ خرچ کیا جائے، مگر بھارت میں تعلیم عامہ پر دو فیصد سے تھوڑا ہی زیادہ خرچ کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تعلیم کا بنیادی ڈھانچہ جے یو یو اور جے یو سے باہربدحالی کا شکار ہے۔ حالات اس قدر خراب ہو گئے ہیں کہ بہار، اتر پردیش، جھارکھنڈ اور بنگال کے کالجوں میں پڑھائی کے علاوہ سب کچھ ہوتا ہے۔ سال کا ایک تہائی حصہ داخلہ لینے اور امتحان منعقد کرنے میں خرچ ہو جاتا ہے۔ طلبہ و طالبات داخلہ لیتے ہیں اور کالج کی فیس ادا کرتے ہیں، مگر انہیں اپنے کالجوں میں بنیادی سہولتیں نہیں ملتیں۔ حال تو اس قدر بُرا ہو چکا ہے کہ زیادہ تر کالجوں میں مطلوبہ کلاس رومز اور اساتذہ نہیں ہیں۔ بہت سارے ایسے شعبے ہیں، جہاں ایک بھی استاد موجود نہیں ہے۔ حال تو اس قدر خراب ہے کہ بیشتر کالجوں میں اساتذہ کے بیٹھنے اور پڑھانے کے لیے معقول جگہ میسر نہیں ہے۔ زیادہ تر تعلیمی اداروں کی لائبریریاں عملے اور فنڈ کی کمی کی وجہ سے بند ہیں۔ کئی اداروں میں پانی اور صفائی کا بھی معقول انتظام نہیں ہے۔ کالج انتظامیہ بنیادی سہولیات کو پورا کرنے میں قاصر ہے، مگر کالج کے اندر نظم و ضبط کے نام پر وہ طلبہ، عملے اور اساتذہ کے خلاف تادیبی کارروائیاں کرنے میں سب سے آگے رہتا ہے۔اختصار یہ ہے کہ تعلیمی اداروں کا ماحول جیل کی طرح بنتا جا رہا ہے، جہاں تنقیدی فکر کا دم گھٹ رہا ہے۔ اگر وقت رہتے جے یو یو میں بھگوا سازش کو ناکام نہیں کیا گیا تو جے این یو کی حالات مذکورہ کالجوں سے بہتر نہیں رہ پائے گی۔

    ‎جو کچھ بھی کل تک جے این یو کے باہر دیکھا جا رہا تھا، اب اس کی شروعات جے این یو میں کی جارہی ہے۔ اگر تعلیم عامہ کو بچانا ہے تو ہمیں تعلیم میں بڑھتے سرمایہ دارانہ رجحانات سے لڑنا ہوگا۔ جے این یو کو بچانے کی لڑائی ملک کے دیگر تعلیمی اداروں کو بچانے کی لڑائی سے جوڑ کر دیکھنا ہوگا۔ عوام کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ جب اپنا ووٹ دیں تو تعلیم عامہ کے حوالے سے کون سی سیاسی جماعت اور امیدوار سنجیدہ ہیں، اس پر بھی غور کریں۔ معیاری تعلیم ہر شہری کا حق ہے، مگر ہر شہری کو یہ بھی بات یاد رکھنی چاہیے کہ حق بھیک میں نہیں ملتا، بلکہ اس کے لیے لڑنا ہوتا ہے۔ جس طرح جے این یو کے طلبہ لڑ رہے ہیں، ہمیں بھی ان کی لڑائی میں شامل ہونا چاہیے اور اپنے آس پاس کے تعلیمی اداروں کو بچانے کے لیے عوامی پر امن جدوجہد کرنی چاہیے۔

  • جموں وکشمیر میں دس سال بعد انتخابات

    جموں وکشمیر میں دس سال بعد انتخابات

    جموں و کشمیر میں تقریباً ایک دہائی کے بعد پہلی بار اسمبلی انتخابات کا انعقاد 18 ستمبر سے ہوگا۔ الیکشن کمیشن کے اعلان کے مطابق یہ انتخابات اس خطے میں ہو رہے ہیں جہاں 2019 میں مرکزی حکومت نے اس کی خصوصی حیثیت ختم کر دی تھی۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے نئی دہلی میں حال ہی میں بتایا تھا کہ ’’جموں و کشمیر میں ایک طویل وقفے کے بعد انتخابات ہونےجا رہے ہیں اور یہ ایک اہم تاریخی موقع ہے۔‘‘

    ووٹنگ کا عمل تین مراحل میں ہوگا، جو 18 ستمبر سے یکم اکتوبر تک جاری رہے گا، جبکہ ووٹوں کی گنتی 4 اکتوبر کو ہوگی۔ تقریباً 90 لاکھ رجسٹرڈ ووٹر اس 90 رکنی قانون ساز اسمبلی کے لیے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ بہت سے لوگ اس الیکشن کو ایک تاریخی قدم کے طور پر دیکھتے ہیں، جو جموں و کشمیر کے عوام کو اپنے لیڈروں کے انتخاب کا موقع فراہم کرے گا۔

    کشمیر کا یہ خطہ تاریخی طور پر بھارت، پاکستان اور چین کے درمیان تقسیم ہے۔ بھارت کے زیر انتظام کشمیر کو خصوصی حیثیت حاصل تھی ، جسے 2019 میں وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے منسوخ کر دیا تھا۔ اس کے بعد سپریم کورٹ نے دسمبر میں حکم دیا تھا کہ صوبائی انتخابات 30 ستمبر سے پہلے کرائے جائیں۔ وزیراعظم مودی کا دعویٰ ہے کہ ان کے 2019 کے فیصلے نے کشمیر میں دہائیوں کی خونریزی کے بعد حالات کو معمول پر لانے میں مدد کی ہے، جبکہ خصوصی حیثیت کے تحت اسے انتظامی خود مختاری کا کچھ حد تک اختیار حاصل تھا۔

    بھارت اور پاکستان دونوں ہی کشمیر پر مکمل ملکیت کا دعویٰ کرتے ہیں، لیکن اس مسئلے پر دونوں ممالک کے درمیان تین جنگیں ہو چکی ہیں جن میں سے دو کشمیر کے تنازع پر لڑی گئی ہیں۔جموں و کشمیر میں بھارتی حکمرانی کے خلاف ایک طویل عرصے سے مسلح بغاوت جاری ہے جس میں ہزاروں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، حالاں کہ حالیہ برسوں میں تشدد میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ بھارت کا الزام ہے کہ پاکستان مسلح گروہوں کی حمایت کرتا ہے، جبکہ حالیہ حملے زیادہ تر جموں کے علاقے میں ہوئے ہیں۔

    ماضی میں کشمیر میں انتخابات کو مسلح گروپوں کی جانب سے نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، جس کے باعث بہت کم تعداد میں ووٹر اپنے حق کا استعمال کرپاتے تھے۔ تاہم اس سال اپریل اور مئی میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں اس خطے میں 35 سالوں میں سب سے زیادہ 58.46 فیصد ٹرن آؤٹ ریکارڈ کیا گیا، جسے وزیراعظم مودی اور انتخابی عہدیداروں نے جمہوری عمل میں عوام کے اعتماد کا ثبوت قرار دیا ہے۔

    جموں و کشمیر کے اسمبلی انتخابات کا اعلان ہوتے ہی سیاسی منظرنامہ مکمل طور پر بدل چکا ہے۔ ایک جانب  جہاں سیاسی پارٹیاں اتحاد بنا رہی ہیں تو دوسری جانب مخالفین کی تنقیدوں کے تیروں کا سامنا بھی کر رہی ہیں۔علاقائی سیاسی جماعت نیشنل کانفرنس اور قومی پارٹی کانگریس نے ان انتخابات میں مل کر لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ بی جے پی نے اس اتحاد کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے  اسے کانگریس کا "علیحدگی پسندوں سے اتحاد” قرار دیا۔ بے جے پی کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کانگریس نے پلٹ وار کرتے ہوئے یاد دلایا کہ ماضی میں پی ڈی پی اور بے جے پی نے بھی اتحاد کیا تھا تو پھر یہ سوال کیوں اٹھائے جا رہے ہیں؟

    انتخابات کے اعلان کے بعد پارٹیوں کے درمیان سیاسی بازیگری میں شدت آ گئی ہے۔ کچھ امیدواروں نے یہ دیکھ کر کہ ان کی  پارٹیوں کی جانب سے انہیں ٹکٹ نہیں ملا، اپنی پارٹیاں چھوڑ دیں اور مخالف جماعتوں میں شمولیت اختیار کر لی یا پھر آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا۔ یہ قدم سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا رہا ہے اور عوام کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

    اس دوران نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نے اپنے انتخابی منشور بھی جاری کیے ہیں، جن میں عوام سے مختلف وعدے کیے گئے ہیں۔ نیشنل کانفرنس کے منشور میں بنیادی حقوق کی بحالی، ترقیاتی منصوبے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے وعدے شامل ہیں۔ جب کہ پی ڈی پی نے اپنے منشور میں عوامی خدمات، تعلیمی نظام میں بہتری اور علاقائی خود مختاری کو فروغ دینے پر زور دیا ہے۔ جماعت اسلامی نے بھی جنوبی کشمیر میں انتخابات میں حصہ لینے کا عندیہ دیا ہے۔ جماعت نے کہا ہے کہ وہ اننت ناگ، کولگام، شوپیان، دیو سر، پلوامہ، راجپور وغیرہ حلقوں سے انتخابات لڑے گی۔ جماعت اسلامی پر پابندی کی وجہ سے وہ بعض انتخابی نشستوں پر آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں اتریں گے، جس سے جنوبی کشمیر میں انتخابی دنگل مزید دلچسپ اور پیچیدہ ہو گیا ہے۔

    یہ انتخابات جموں و کشمیر کے سیاسی مستقبل کا تعین کریں گے، جہاں اتحاد، مخالفین کی تنقید، امیدواروں کی بے چینی اور نئے منشوروں کے ساتھ ہر سیاسی جماعت اپنی قسمت آزمائی کے لیے تیار ہے۔ عوام کے دلوں میں جوش و خروش ہے اور ہر کوئی یہ دیکھنے کے لیے بے تاب ہے کہ یہ سیاسی بازیگری کس جانب لے جاتی ہے۔

    جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات سے قبل سیکورٹی فورسز ہائی الرٹ پر ہیں۔ فوج نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں سیکورٹی کو بڑھانے کے لیے جموں کے علاقے میں اضافی فوجیوں کی تعیناتی شروع کر دی ہے، جو 18 ستمبر سے شروع ہونے والے تقریباً ایک دہائی کے بعد تین مرحلوں میں انتخابات کو سکیورٹی کور فراہم کریں گے۔

    ماضی میں جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی اور ریاست کی تقسیم کے بعد یہاں کے عوام میں مایوسی اور بیگانگی کا احساس پیدا ہوا تھا۔ ایک منتخب اور فعال ریاستی مقننہ کی غیر موجودگی نے اس بیگانگی کو اور بڑھا دیا۔ اختلاف رائے کو دبانے کے لیے غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ اور پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت طلبہ، صحافیوں، وکلاء اور دیگر سول سوسائٹی کے نمائندوں کو گرفتار کیا گیا، جس سے حالات مزید پیچیدہ ہو گئے۔

    سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں جہاں جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کو برقرار رکھا وہیں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 30 ستمبر 2024 تک کرانے کا حکم بھی دیا۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے اس ہدایت پر عمل کرتے ہوئے انتخابات کا اعلان کر دیا ہے، جو اس خطے کے عوام کے لیے ایک نئی امید  ثابت ہو سکتا ہے۔جموں و کشمیر میں ایک منتخب مقننہ کی عدم موجودگی کے باعث عوام اپنے تحفظات کا اظہار نہیں کر پا رہے تھے، حالانکہ وہ اپنے جمہوری حقوق کے لیے بے تاب تھے۔ 2019 کے بعد سے بلدیاتی اور پارلیمانی انتخابات میں عوام کی شرکت کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ جمہوری عمل کا حصہ بننے کے لیے کتنے متحرک ہیں۔

    آخری اسمبلی انتخابات، جو تقریباً ایک دہائی قبل منعقد ہوئے تھے، میں فرقہ وارانہ خطوط پر تقسیم واضح تھی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے جموں میں تقریباً تمام سیٹیں جیت لی تھیں، جب کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی)، نیشنل کانفرنس (این سی)، اور کانگریس نے وادی میں زیادہ تر سیٹیں حاصل کی تھیں۔ پی ڈی پی اور بی جے پی کے درمیان مخلوط حکومت کا قیام ایک غیر فطری اتحاد تھا جو جلد ہی ناکام ہو گیا۔

    نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے 2024 کے عام انتخابات "انڈیا بلاک” کے حصے کے طور پر لڑا ہے اور آنے والے انتخابات میں ان جماعتوں اور دیگر چھوٹی جماعتوں کے درمیان اتحاد کاامکان ہے۔  یہ اتحاد اس مقصد کے لیے بھی ضروری ہے کہ جموں و کشمیر میں جمود کو توڑا جائے اور ریاست کا درجہ بحال کرتے ہوئے سیکولر گورننس کو فروغ دیا جائے۔

    جموں اور جنوبی کشمیر میں حالیہ دہشت گردی کی لہر کے پیش نظر یہ ضروری ہے کہ انتخابی گفتگو کو فرقہ وارانہ نہیں بلکہ شہری مسائل اور حقوق کے گرد مرکوز کیا جائے۔ ایسا انتخاب جو فرقہ وارانہ خطوط کے بجائے عوامی مسائل اور حقوق پر مبنی ہو، جموں و کشمیر میں امن کی بحالی میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ یہ انتخابات جموں و کشمیر کے عوام کے لیے جمہوریت کی بحالی کی ایک نئی امید اور یہ موقع فراہم کریں گے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود لےسکیں۔

  • بی جے پی کے نئے صدر کی تقرری میں تاخیر کیوں

    بی جے پی کے نئے صدر کی تقرری میں تاخیر کیوں

     بھارتیہ جنتا پارٹی کے بارے میں یہ بات سب جانتے ہیں کہ یہ حقیقی معنوں میں کوئی آزاد و خود مختار سیاسی جماعت نہیں بلکہ آرایس ایس کا ایک سیاسی بازو ہے ۔ شاید یہی وجہ ہے کہ  پارٹی  کے موجودہ صدر جے پی نڈا کا جانشین ابھی تک مقرر نہیں ہوسکا ہے۔ نڈا کی میعاد صدارت  امسال جنوری میں ہی ختم ہوگئی تھی اور ان کی میعاد میں  چھ ماہ کی توسیع بھی کی گئی۔ یہ توسیعی  مدت کب کی ختم ہوچکی ہے لیکن ابھی تک  نئے صدر کا کوئی اتہ پتہ نہیں ہے۔ جس سے یہ معلوم ہوتا ہےکہ حالیہ پارلیمانی انتخابات میں  زبردست زک کھانے کے بعد پارٹی کے اندر ایک خلفشار کی سی کیفیت ہے۔

       پارٹی میں  صدر کا انتخاب نہیں ہوتا  بلکہ وہ  نامزد کیا جاتاہے۔ انتخاب تو یہ ایک رسمی خانہ پوری ہوتی ہے ۔ لیکن اس میں بھی تاخیر کی وجہ گجرات لابی اور آ ر ایس ایس کے درمیان بالا دستی کی کشمکش ہے۔  دراصل پارٹی میں گجرات لابی یعنی  نریندر مودی اور امت شاہ کا دبدبہ انتخابات میں  مایوس کن کارکردگی کے بعد کمزور پڑگیا ہے- ان کے خلاف جو آوازیں اب تک دبی ہوئی تھیں تھیں  وہ اب اٹھ نے لگی ہیں ۔ یہ بھی سچ ہے کہ آر ایس  ایس کی مرضی و منشاء کے بغیر پارٹی کے اندر ایک پتہ بھی  ہل نہیں سکتا ہے۔ تاہم گزشتہ دس سالوں میں  مودی کے ناقابل تسخیر رہنما  کی جس طرح شبیہ بنائی گئی تھی، یہاں تک کہ مودی نے اس عرصہ میں آ ر ایس ایس سربراہ  موہن بھاگوت سے اکیلے میں ایک مربتہ بھی ملاقات نہیں کی۔  وہ  شبیہ اب افسانہ ثابت ہورہی ہے۔ چنانچہ گجرات لابی کی طرف سے پارٹی صدر کے عہدے کے لیے  جو نام پیش کیے گئے تھے انہیں آ ر ایس ایس نے مسترد کردیا ہے۔ اس سلسلہ میں 12 ا گست کو وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کی رہائش گاہ پر امت شاہ، پارٹی کے آرگنائزنگ  جنرل سیکریٹری  بی ایل سنتوش نے آ ر ایس ایس کے جنر ل سیکریٹری دتہ ریا ہوسبالے کے ساتھ پانچ گھنٹے تک تبادلہ خیال کیا۔ یہ میٹنگ اس لحاظ سے اہم تھی کہ 31 اگست کو دونوں تنظیموں کے درمیان کیرالہ کے پالگھاٹ میں ہونے والی میٹنگ کا ایجنڈا ہموار کرنا تھا۔

     بتایا جاتا ہے کہ آر  ایس ایس  نڈا کے جانشین کے طور پر مدھیہ پردیش کے وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان کو دیکھنا چاہتا تھا۔ تاہم مودی کسی اور او بی سی لیڈر کو اس عہدہ پر دیکھنا نہیں چاہتے ہیں۔  کیوں کہ وہ خود کو بطور او بی سی کے لیڈر کے  پیش کرتے ہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ چوہان کو  وفاقی کابنیہ میں شامل کرلیا گیا۔ حالانکہ انہیں  دسمبر 2023کے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کے بعد  دودھ میں سے مکھی کی طرح نکال دیا گیا تھا  اور ایک کمزور لیڈر کو وزارت اعلی کے منصب پر فائز کردیا گیا تھا۔  چھتیس گڑھ  میں سابق وزیراعلی رمن سنگھ اور راجستھان میں  پارٹی کی سب سے طاقتور لیڈر اور سابق وزیراعلی وسندھرا راجے کے ساتھ بھی  یہی سلوک کیا گیا تھا ۔ عام انتخابات میں مایوس کن کارکردگی کے بعد  پارٹی پر گجرات لابی کی گرفت کمزور اور پارٹی کے اندر غیرمطمئن لیڈروں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ۔ یہ لاوا کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے۔

     بی جے پی قیادت نے  مہاراشٹر کے نائب وزیراعلی دیوندر فڑ نویس،  پارٹی کے جنرل سیکریٹری  ونود تاوڑے، ’ گولی مارو سالوں کو‘ کے لیے  مشہور سابق وزیر انوراگ ٹھاکر اور یوپی بی جے پی اکائی کے آرگنائزیشن سیکریٹری سنیل بنسل کے نام پیش کیے تھے لیکن انہیں ویٹو  کردیاگیا۔ چنانچہ   بی جے پی نے آر ایس ایس کو یہ تجویز پیش کی تھی کہ جب تک کسی نام پر اتفاق رائے نہیں ہوتا۔ تب تک  ایک عبوری صدر کو مقرر کرلیا جائے۔

     مذکورہ ناموں پر اپنی ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے  آر ایس ایس نے  یہ اشارہ دیا تھا کہ وہ اپنے تمام پر چارکوں کو جو بی جے پی کے تنظیمی عہدوں پر فائز ہیں واپس بلا لے گی۔ خیال رہے   پارٹی میں آرگنائزنگ  سیکریٹری کا عہدہ روایت  کے مطابق   آر ایس  ایس کے پرچارکوں کے لیے  محفوظ ہوتا ہے۔ اس قدم نے بی جے پی کے اندر ایک کھلبلی سی مچا دی کیونکہ اس سے دونوں تنظیموں کے درمیان رشتے مکدر ہوسکتے ہیں ۔ آر ایس ایس نے جون میں کرناٹک کے آرگنائزنگ سیکریٹری  جی وی راجیش کو واپس بلالیا ۔ پھر کیرالہ سے کے سبھاش کو بھی بلالیا گیا جو 11سال سے  بی جے پی سے وابستہ  تھے۔ ان کی جگہ پر ایم گنیشن کو بھیجا گیا۔  پارٹی کے نیشنل آرگنائزنگ  جنرل سیکریٹری  بی ایل سنتوش کو بھی ان کے عہدہ سے فارغ کیا جاسکتا ہے۔ جن کے بارے میں کہا جاتا ہے وہ کرناٹک کے وزیر اعلی بننے کی خواہش رکھتے ہیں۔

     آر ایس ایس کی قیادت کا یہ احساس ہے کہ جن پرچارکوں کو بی جے پی میں بھیجا جاتا ہے، تاکہ دونوں تنظیموں کے درمیان  تال میل قائم کریں  وہ  اقتدار اور مراعات کی کشش کی سبب بی جے پی کے وفادار بن جاتے ہیں۔ جیسا کہ نریندر مودی  کا معاملہ ہے جنہیں آ ر ایس ایس نے  بی جے پی کو مستعار دیا تھا۔ اب آر ایس ایس نہیں چاہتی کہ کوئی  دوسرا پر چارک مودی بنے۔

     یہی وجہ ہے کہ پارٹی کا صدر مقرر کرنے میں تاخیر ہو رہی ہیں۔ بی جے پی کے ترجمانوں کی طرف سے تاخیر کے معاملے میں طرح طرح  کے لولے لنگڑے عذر پیش کیے جارہے ہیں۔  ایک عذر یہ پیش کیا جارہا ہے  کہ ’ ہماری پارٹی کا دستور یہ کہتا ہے کہ   قومی صدر کے انتخاب  سے پہلے  60فیصد ریاستی اکائیوں کے تنظیمی انتخابات  منعقد کرنا ضروری ہیں چونکہ  ہم سب پارلیمانی انتخابات کی مہم میں مصروف تھے  اس لیے ہم متعدد ریاستوں میں تنظیمی انتخابات  منعقد نہیں کراسکے۔‘

     اب تک صرف چار یا پانچ ریاستوں کے تنظیمی انتخابات مکمل ہو سکے ہیں۔ بقیہ تمام ریاستوں کے انتخابات کو مکمل کرنے میں مزید کئی مہینے لگ سکتے ہیں۔ کیونکہ پارٹی کے لیڈران کی توجہ اب ہریانہ اور جموں و کشمیر کے اسمبلی  انتخابات پر ہیں اس کے بعد مہاراشٹر اور  جھارکھنڈ کا نمبر ہے۔ اسی لیے  پارٹی قیادت کی طرف سے  عبوری صدر بنانے کی تجویز پیش کی گئی  ہے۔

      لیکن ابھی تک کوئی ہلچل نظر نہیں آرہی ہے۔  نڈا  بدستور  اپنے اختیارات کا استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے  23 ریاستوں کی اکائیوں کے پربھاری(  نگران ) مقرر کیے ہیں نیز شمال مشرقی ریاستوں  کے لیے  کوآر ڈینٹر  بھی مقرر کردئے ہیں ۔ یعنی جون میں اپنی  میعاد صدارت ختم ہونے کی باوجود وہ مودی اور شاہ  کے اشارے پر  اپنے اختیارات کا استعمال کر رہے ہیں۔

     دریں اثنا پارٹی اور حکومت  میں کوئی عہدہ نہ ملنے سے ناراض سبرامینم سوامی  نے دھمکی دی ہے کہ اگر نیا صدر فوراً  منتخب نہیں کیا جاتا ہے تو وہ  عدالت  میں جائیں گے۔ سوامی  پارٹی کے اندر مودی کے سب سے بڑے ناقد کی شکل میں ابھرے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نڈا کے میعاد صدارت  میں توسیع کا کیا جانا پارٹی کے دستور کی خلاف ورز ی ہے۔ الیکشن کمیشن کو بھی ایک خط سوامی نے  اس بارے میں لکھا تھا لیکن  پورا ملک جانتا ہے کہ الیکشن کمیشن مبینہ طور پر حکومت کی مٹھی میں ہے ۔اس کی آزادانہ اور غیر جانبدرانہ حیثیت پر ہر طرف سے سوال اٹھ رہے ہیں۔ اگر وہ ایمانداری سے الیکشن کا انعقاد کرتا تو موجودہ حکومت  قصہ پارنیہ بن جاتی اور پارٹی کے متعدد لیڈران  عوامی نمائندگی قانون کے تحت انتخابی سیاست  لیے  نااہل قرار پاتے۔

     بہرحال سوامی کے خط کے  بعد دو ہفتوں کے اندر پارٹی  نے ایک قومی اجلاس طلب کرکے اپنے دستور میں ترمیم کردی۔ جس کے تحت پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کو یہ اختیار دیا گیا کہ وہ  پارٹی کے صدر کے سلسلہ میں فیصلہ کرسکتی ہے اور  ہنگامی حالات میں اس کی میعاد میں توسیع کرسکتی ہے۔  چنانچہ پارلیمانی بورڈ کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ  نڈا کے عہدہ صدارت میں ایک اور توسیع کردے۔ تاہم اس کا ابھی با ضابطہ طور پر اعلان نہیں کیا گیا۔  اس کی کیا وجہ ہے پارٹی کی اعلی قیادت ہی جانتی ہے۔   پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گجرات لابی نہیں چاہتی کہ کوئی ایسا صدر بنے جو خود مختار ہو اپنے طور پر فیصلے کرسکے۔  وہ نڈا  جیسا جی حضوری کرنے والا صدر ہی چاہتی ہے۔  نڈا کو  2019 میں کارگزار صدر بنایا گیا تھا جب امت  شاہ  حکومت میں شامل ہوئے تھے۔ اس کے بعد انہیں 2020میں باضابطہ صدر مقرر کیا گیا ۔

     اس میں کوئی شک نہیں کہ اس ملک کا المیہ یہ ہے کہ سوائے کمیونسٹ پارٹیوں کے کسی بھی سیاسی جماعت میں داخلی جمہوریت نہیں ہے۔ سیاسی جماعت جس نے قائم کی وہ اس کی جاگیر ہوتی ہے۔ اسی لیے  یہاں جمہوریت بظاہر توانا نظر آتی ہے تاہم اندر سے پوری طرح کھوکھلی ہے۔  بی جے پی کا معاملہ تو ایک  آزاد سیاسی جماعت کا بھی نہیں ہے و ہ  بڑی حدتک اپنی مادر تنظیم کے ماتحت ہے۔  آبادی کے اعتبار سے انڈیا کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ضرور کہا جاتا ہے۔ حال ہی میں مودی انڈیا کو جمہوریت کی ماں بھی کہنے لگے تھے  لیکن  ان کی خود پارٹی کا کیا حال ہے اور وہ  کتنے جمہوریت پسند ہیں اظہر من الشمس ہے۔ اس کے برعکس امریکہ، برطانیہ اور دیگر مغربی ملکوں میں کوئی بھی سیاستداں تنظیمی الیکشن لڑے بغیر اس پارٹی کا صدر نہیں بن سکتا۔