Author: مدیر

  • اسلام ہی حق ہے اور باقی تمام ادیان باطل ہیں

    اسلام ہی حق ہے اور باقی تمام ادیان باطل ہیں

    آج کل عرب حکمراں مغرب کی نقالی میں جس طرح اسلام اور اسلامی تہذیب وتمد ن کو نقصان پہنچا رہے ہیں ، مغرب کی عریاں، فحش اور بے ہودہ تہذیب کو اپنے ملکوں میں درانداز کررہے ہیں، یہود ونصاریٰ سے جس طرح پینگیں بڑھائی جارہی ہیں اوراسرائیل کے ساتھ تجارتی اور سفارتی تعلقات استوار کرنے میں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی جو کوششیں ہورہی ہیں وہ انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہیں۔

    شراب وشباب اور عریاں تہذیب وتمدن کا بدترین مظاہرہ تو ان ممالک میں ایک عرصہ سے جاری ہے تاہم اب تک سعودی عرب ظاہری طور پر ان لغویات و فواحش سے پاک تھا لیکن اس وقت یہ طوفان بلاخیز جس طرح سعودی عرب کے حدود میں داخل ہورہا ہے اس سے یہ اندیشہ پیدا ہوگیا ہے کہ جو ملک حرمین شریفین کی تولیت کا فریضہ انجام دے رہا ہے وہ بھی شیطان کے نرغہ میں نہ آجائے ۔سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے ان چند سالوں میں ملک میں بڑے پیمانے پر فلم انڈسٹری کو فروغ دیا ہے ، دنیا کے فلمی ہیرو ہیروئینوں کی پذیرائی کی ہے، ان کے بڑے بڑے پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں، ماڈلنگ کلچر کو پروموٹ کیا جارہا ہے، یہاں تک کی سوئمنگ سوٹ میں عورتوں کی نمائش تک کرائی گئی۔ مغرب کے معاشی اور سیاسی استعمار کے  بعد اب تہذیبی استعمار نے بھی اپنے پنجے عرب ممالک میں گاڑ دیئے ہیں۔ عرب ممالک نہ تو آزادانہ طور پر اپنی معاشی پالیسیاں بنا سکتے ہیں اور نہ ہی سیاسی اور دفاعی پالیسی بنانے میں وہ آزاد ہیں۔اندیشہ ہے کہ اب مغربی تہذیب وتمد ن اسلام کی ظاہری شکل وصورت کو بھی بگاڑکررکھ دے گا۔

    امریکہ اور مغربی ممالک ابراہیمی مذاہب کے درمیان مفاہمت اور انٹر فیتھ ڈائیلاگ کا ایک نیا جال لے کر آئے ہیں۔ عرب دنیا کے حکمران جودراصل امریکہ اور مغربی ممالک کے مہرے ہی ہیں ان کے اشارے پر ناچنے لگے  ہیں۔ 4فروری 2019 کو کیتھولک چرچ کے پوپ فرانسس، الازہر مسجد کے شیخ احمد الطالب کے درمیان ایک فیٹرنٹی دستاویز پر دستخط کیے گئے اور طے پایا کہ ابو ظہبی کے سعدیات جزیرے پر ایک انٹرفیتھ کمپلکس تعمیر کیا جائے ،جس میں تینوں مذاہب کی عبادت گاہیں ہوں ۔ اس میں سینٹ فراسس چرچ ، الطیب مسجد اور موسس بن میمون کا سینگاگ شامل ہوگا۔یہ منصوبہ بھی بنایا گیا کہ قران ، بائبل اور توریت کا ایک مشترکہ نسخہ بھی تیار کیا جائے ۔

    اس خطرناک اور سازشی منصوبہ پر جب حکومت سعودیہ نے حکومت کی سربراہی میں قائم مستقل فتویٰ کمیٹی سے رائے مانگی تو اس نے مذاہب کے اتحاد کے بارے میں واضح موقف اختیار کرتے ہوئے اس کی دعوت دینے والوں کو کفر کا مرتکب قرار دیا۔ہم ذیل میں فتویٰ کی پوری عبارت نقل کررہے ہیں۔

    "مستقل فتوٰی کمیٹی کا فتویٰ – فتوٰی نمبر 19402

    "تمام تعریفیں اللہ کے لیے ہیں اور درود و سلام ہو اُن پر جن کے بعد کوئی نبی نہیں، اور ان کے اہلِ بیت و صحابہ اور جو ان کے طریقے پر چلتے رہے قیامت تک۔ بعد ازاں…”

    مستقل کمیٹی برائے علمی تحقیق و افتاء نے ان سوالات اور میڈیا میں شائع مضامین کا جائزہ لیا جو مذاہب کے اتحاد (اسلام، یہودیت، اور عیسائیت) کے بارے میں پیش کیے گئے، جن میں یہ تجویز دی گئی کہ ایک ہی جگہ مسجد، چرچ، اور یہودی عبادت گاہ بنائے جائیں یا قرآن، تورات، اور انجیل کو ایک ہی جلد میں شائع کیا جائے۔ اس مسئلے پر غور کے بعد کمیٹی نے درج ذیل فیصلہ کیا:

    فتویٰ نمبر: ‏19402

    1۔ پہلا نکتہ:

    اسلامی عقیدے کی بنیاد یہ ہے کہ اسلام کے علاوہ کوئی اور دین حق نہیں ہے اور یہ آخری دین ہے جو تمام سابقہ مذاہب اور شریعتوں کو منسوخ کرچکا ہے۔ قرآن میں اللہ تعالٰی  فرماتے ہیں: "بیشک اللہ کے نزدیک دین اسلام ہی ہے۔”

    2۔ دوسرا نکتہ:

    قرآن مجید اللہ کی آخری کتاب ہے اور اس نے تورات، زبور، انجیل اور دیگر کتب کو منسوخ کر دیا ہے۔

    3.۔ تیسرا نکتہ:

    تورات اور انجیل کے منسوخ ہونے کے ساتھ ساتھ ان میں تحریف بھی کی گئی ہے، جیسا کہ قرآن کی آیات میں ذکر ہے۔

    4.۔ چوتھا نکتہ:

    حضرت محمد ﷺ آخری نبی ہیں اور آپ کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا۔

    5۔ پانچواں نکتہ:

    جو کوئی اسلام قبول نہ کرے، خواہ وہ یہودی، عیسائی یا کوئی اور ہو، وہ کافر ہے اور اللہ کا دشمن ہے اور اگر وہ توبہ نہ کرے تو وہ جہنم کا مستحق ہے۔

    6۔ چھٹا نکتہ:

    مذاہب کے اتحاد کی دعوت ایک فتنہ انگیز اور مکارانہ سازش ہے جس کا مقصد اسلام کو کمزور کرنا اور مسلمانوں کو مرتد بنانا ہے۔

    7۔ ساتواں نکتہ:

    اس دعوت کا ایک اثر یہ ہو گا کہ اسلام اور کفر کے درمیان فرق ختم ہو جائے گا اور مسلمانوں کا کفار کے ساتھ بیزاری کا رویہ  بھی ختم ہو جائے گا، جس سے جہاد اور اللہ کا کلمہ بلند کرنے کی جدوجہد بھی ختم ہو جائے گی۔

    8۔ آٹھواں نکتہ:

    اگر کوئی مسلمان اس دعوت کو فروغ دے تو وہ دینِ اسلام سے مرتد ہو جاتا ہے، کیونکہ یہ دعوت اسلام کے اصولوں کے منافی ہے۔

    9۔ نواں نکتہ:

    • مسلمان کے لیے اس دعوت کی حمایت کرنا، اس کے سیمینارز میں شرکت کرنا یا اس کے خیالات کو پھیلانا جائز نہیں۔
    • قرآن، تورات اور انجیل کو ایک ہی جلد میں شائع کرنا یا مسجد، چرچ اور مندر کو ایک جگہ بنانا ناجائز ہے، کیونکہ یہ اسلام کی برتری کو مسترد کرنے کے مترادف ہے۔”

    گزشتہ چند  برسوں سے جس طرح علماء حق کو سعودی عرب میں دبایا جارہا ہے، ان کی زبانیں بند کی جارہی ہیں اور اکثر اوقات ان کو پس زنداں ڈال دیا جاتا ہے، فتویٰ کمیٹی کا یہ جرات مندانہ موقف یہ ثابت کرتاہے کہ ابھی بھی وہاں کے گھٹن زدہ ماحول میں کلمہ حق بلند کرنے والے موجود ہیں۔ دیر یا سویر اسلام دشمن طاقتوں اور یہود ونصاری کی سازشیں ناکام ہوں گی اور اسلام کا پرچم بلند ہوگا۔ ان شاء اللہ

  • یوپی میں  یوگی حکومت کی  ڈیجیٹل میڈیا پالیسی

    یوپی میں  یوگی حکومت کی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی

    نام نہاد مین اسٹریم میڈیا پر تسلط جمانے کے بعد حکومت نے اب سوشل میڈیا پر سرگرم Digital Influencersکو خریدنے کی تیاری کر لی ہے ۔یوگی حکومت نے سوشل میڈیا پر اچھی پہنچ رکھنے والے ایسے افراد کوماہانہ آٹھ لاکھ روپئے تک ادا کرنے کامنصوبہ بنایا  ہے ۔گذشتہ 27؍ اگست کو لکھنؤ میں ہونے والی یوگی حکومت کی کابینہ میٹنگ میں ’ یو پی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی 2024‘ کو منظوری دے دی گئی ۔ اس پالیسی کے تحت سوشل میڈیا پر یوگی حکومت کی پالیسی اور منصوبوں کا پرچار کرنے والے  Digital Influencers کو آٹھ لاکھ روپئے تک کی ماہانہ ادائیگی کی جائے گی ۔ نئی ڈیجیٹل پالیسی میں سوشل میڈیا پر ملک مخالف ، سماج مخالف اور توہین آمیز مواد پوسٹ کرنے پر تین سال سے لے کر عمر قید تک کی سزا دئے جانے کا ضابطہ مقرر کیا گیا ہے ۔ کابینہ سے منظور ہونے کے بعد پالیسی کے نفاذ کی تیاریاں زور شور سے شروع کر دی گئی ہیں۔’ یو پی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی ‘  کے تحت یوگی حکومت کی کار کردگیوں کی حمایت اور سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارموں پراس کا پر چار کرنے والوں کو ہر ماہ خطیر رقم سے نوازا جائے گا ۔ نئی پالیسی کے مطابق جہاں ایک طرف یوگی حکومت کا پرچار کرنے والوں کو مالی فائدہ پہنچانے کا بندوبست کیا گیا ہے ، وہیں دوسری جانب ملک مخالف اور توہین آمیز مواد پوسٹ کرنے والوں کے خلاف تین سال سے عمر قید تک کی سزا کا بندو بست کیا گیا ہے ۔

    نئی میڈیا پالیسی میں ایسے ضابطے بنائے گئے ہیں جس کی آڑ لے کر یوگی حکومت کی پالیسی کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو دبایا جا سکے ۔نئی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کے تحت ایکس،انسٹاگرام ، یو ٹیوب ،فیس بک ،ایکس اور پوڈ کاسٹ کے ذریعے یوگی حکومت کی پالیسی کا پرچار کرنے والے Digital Influencers کوماہانہ تنخواہ دی جائے گی۔ اس کے لیے حکومت نے اپنا ٹیرف بھی شائع کر دیا ہے ۔ ریاست کے پرنسپل سکریٹری ( انفارمیشن ) سنجئے پرساد کے مطابق فیس بک ، ایکس اور انسٹا گرام پر یوگی حکومت کی حصولیابیوں کاپرچار کرنے والے افراد کو بالترتیب ہر ماہ پانچ لاکھ ، چار لاکھ ، تین لاکھ اور دو لاکھ روپئے ادا کئے جائیں گے ۔ یو ٹیوب ویڈیوز ، شارٹ ریلس اورپوڈ کاسٹ کے لیے بالترتیب آٹھ لاکھ ، سات لاکھ ، چھ لاکھ اور چار لاکھ رروپئے ماہانہ کے حساب سے ادائیگی کی جائے گی ۔نئی ڈیجیٹل پالیسی کے تحت یوگی حکومت ہر اس شخص کے خلاف سخت قانونی کارروائی کر ے گی جو سوشل میڈیا پر ملک مخالف یا توہین آمیز مواد پوسٹ کرے گا ۔اس کے لیے عمر قید تک کی سزا کا علان کیا گیا ہے ۔ ماضی میںایسی کئی مثالیں موجود ہیں جب مسلم نوجوانوں کے خلاف اس طرح کی تادیبی کارروائیاں کی گئی ہیں ۔یہ بات جگ ظاہر ہے کہ یوگی حکومت ’ملک مخالف ‘ اور ’توہین آمیز ‘ جیسی مبہم اصطلاحات کی توضیح اپنے سیاسی مقاصد کے لیے کرتی ہے ،جس میں عموماً مسلمانوں کو ہی نشانہ بنایا جاتا ہے ۔اس پالیسی کے تحت یوگی حکومت کی مدح سرائی کرنے والوں کو تو سرکاری خزانے سے بھاری بھرکم رقمیں فراہم کی جائیں گی لیکن جو افراد یوگی حکومت کی پالیسی سے اختلاف کریں گے یا ریاستی جبر کے خلاف آواز اٹھائیں گے ان کے لئے سخت سزاؤں کا بندو بست کیا گیا ہے ۔ نئی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کے ذریعے اظہار رائے کی آزادی کو کچلنے کی تیاری بڑی بے رحمانہ طریقے سے کی گئی ہے ۔ اس پالیسی کے عمل میں آجانے سے سوشل میڈیا پر فعال آزاد صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنان لیے یوگی حکومت کی پالیسی پر تنقید کرنا مشکل ہو جائے گا ۔ ایسے حقائق بھی سامنے لانا مشکل ہو جائے گا جس پر حکومت پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہو۔ اس پالیسی کی بنیاد پرپولیس ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرے گی۔اور انھیں سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا جائے گا ۔ یو پی ڈیجیٹل میٖڈیا پالیسی آئین میں دی گئی اظہار رائے کی آزادی اور جمہوری قدروں کی صریح خلاف ورزی ہے ۔اس میں کھلے طور پر ایسے لوگوں کو پیسے کا لالچ دیا گیا ہے جو حکومت کی چاپلوسی کریں ۔اس پالیسی میں باقاعدہ زمرہ بنا کر ایسے لوگوں کی قیمت طے کر دی گئی ہے، جو حکومت کی مدح سرائی مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارموں سے کریں گے ۔اس پالیسی کے تحت حکومت سے مراعت پانے والوں کا ایک ایسا ٹولہ وجود میں آ جائے گا جو حکومت کی حصولیابی کی آڑ میں دن رات منافرت پھیلانے کا کام بھی کرے گا۔چوں کہ اس ٹولے کو حکومت اور پولیس کا تحفظ حاصل ہوگا، ایسے میںان کے خلاف قانونی کارروائی  کی ہمت کو ن کر ے گا؟ ۔یوگی حکومت اپنی سر پرستی میںایک ایسی ’ ڈیجیٹل آرمی ‘ تشکیل دے رہی ہے جو ایک مخصوص آبادی کے خلاف منافرت پھیلانے کا کام کرے گی ۔

    یو پی کی نئی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کے خلاف اپوزیشن پارٹیوں نے ابھی تک صرف رسمی بیانات جاری کئے ہیں ۔سماج وادی پارٹی اور کانگریس نے یو گی حکومت کی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کی مذمت کی ہے ۔لیکن اس کے نفاذ کو روکنے کے لیے کسی عملی اقدام کا ذکر نہیں کیا ہے۔مسلمانوں کے تعلق سے سماج وادی پارٹی کا رویہ نہ صرف افسوس ناک رہاہے بلکہ بعض موقعوں پر نظر انداز کرنے والا بھی ہوتاہے۔پارٹی کی قیادت جانتی ہے کہ یو پی کا مسلمان سپا کو ووٹ دینے پر مجبور ہے ۔اس کا ثبوت پچھلے لوک سبھا چناؤ میں اسے زبر دست کا میابی کی شکل میں مل گیا ہے ۔ سماج وادی پارٹی کے ترجمان عمیق جامعی نے نئی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کی مذمت کی ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ ’’ نئی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی میں قلم کو گروی رکھنے کا سرکاری ریٹ طے کر دیا گیا ہے ‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ حکومت کو اس پالیسی کو واپس لینا ہو گا‘‘۔ نئی ڈیجیٹل پالیسی میں حکومت کا پرچار کرنے والے ڈیجیٹل اثر اندازوں کو تو مالی فائدہ پہنچایا جائے گا اور ان کو حکومت کی پشت پناہی بھی حاصل ہوگی ۔جبکہ حکومت کی پالیسی سے اختلاف رکھنے والوں کو عمر قید تک کی سزا دی جا سکتی ہے ۔پالیسی میں واضح کیا گیا ہے کہ ملک مخالف اور توہین پر مبنی مواد پوسٹ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ظاہر ہے کون سا مواد ملک مخالف ہے اور کون سا توہین آمیز ،اس کا فیصلہ یوگی حکومت اور پولیس کو طے کرنا ہے ۔لیکن یہ بات سبھی جانتے ہیں کہ حکومت کی منشا اور اس کا اشارہ کس کی جانب ہے ۔ ماضی میں یوگی حکومت نے ان الزمات کا نشانہ مسلم طبقے کو بنایا ہے ۔ یہ پالیسی ایک طرف جمہوری آوازوں کو دبانے کا کام کرے گی وہیں دوسری طرف اسے مسلمانوں کے خلاف عمل میں لایا جائے گا ۔فی الحال یوگی حکومت اس پالیس کو نافذ کرنے میں پر عزم دکھائی دے رہی ہے ۔ حکومت کی جانب سے یہ بھی عندیہ دیا گیا ہے کہ اس پالیسی کا دائرہ دوسری ریاستوں کے علاوہ بیرون ملک تک بڑھایا جا سکتا ہے ۔یعنی یوگی حکومت کا پرچار کرنے والے Digital Influencersکو بیرون ملک بھی مالی فائدہ پہنچانے کا منصوبہ ہے ۔

    یوگی حکومت کی نئی ڈیجیٹل پالیسی کا مجموعی جائزہ لینے کے بعد سب سے بڑی تشویش یہ پیدا ہوتی ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم پر حکومت کی پالیسی کی حمایت میں پرچار کرنے والے افرادکو حکومت کا تحفظ حاصل ہوگا اور ان کو آٹھ لاکھ روپئے تک کی ماہانہ ادائیگی کی جائے گی ۔اس کے بر عکس سوشل میڈیا پر حکومت کی پالیسی سے اختلاف یا تنقید کرنے والے افراد کو سنگین قسم کے مقدمات کا سامنا ہوگا۔ان حالات میں ایک بڑا سوال یہ اٹھتا ہے کہ سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنے کے لیے ملک میں آئی ٹی ایکٹ کے تحت سخت قوانین پہلے ہی سے موجود ہیں ، تو ایسے میں نئی پالیسی بنا کر نئے قوا نین کو نافذ کرنے کی کیا ضرورت آن پڑی ؟ظاہر ہے ایسے میں یوگی حکومت کی منشا پر سوال ضرور اٹھیں گے ۔ بعض تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ لوک سبھا چناؤ میںبی جے پی کی کراری ہار نے سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت پر سوالیہ نشان لگا دئے ہیں ۔ 2027کا یو پی اسمبلی چناؤ جیتنایوگی کی سیاسی بقا کے لیے بہت ضروری ہے ۔ اگر یوگی حکومت کی عوامی مقبولیت کو لوک سبھا چناؤ کے نتائج کی روشنی میں دیکھا جائے تو یوگی کے لیے اسمبلی چناؤ جیتنا ایک بڑا سیاسی چیلنج ہوگا ۔ اپنی سیاسی بقا کے لیے یوگی آدتیہ ناتھ ہر قیمت پر اسمبلی چناؤ میں جیت حاصل کرنا چاہیں گے ۔ اس کے لیے  انہوں نے ابھی سے تیاریاں شروع کر دی ہیں ۔ سوشل میڈیا کے اثر کو دیکھتے ہوئے یوگی حکومت نے اپنے پرچار کے لیے ایک ایسا متوازی سسٹم بنانے کی تیاری کر لی ہے جو غیر سرکاری سطح پر ان کی اور حکومت کی مبینہ حصولیابیوں کا پرچار کر سکے ۔ اس پالیسی کا سب سے خطر ناک پہلو یہ ہے کہ یوگی حکومت کی پالیسی سے اختلاف رکھنے والوں کو فرضی مقدمات میں پھنسایا جا سکتا ہے ۔سوشل میڈیا پر یوگی حکومت کے ناقدین کی کمی نہیں ہے۔بہت سے ایسے آزاد صحافی یا سماجی کارکنان ہیں جو سوشل میڈیا پربے حد مقبول ہیں اور ان کو پسند کرنے والوں کی تعداد بھی لاکھوں میں ہے ۔اس پالیسی کے ذریعے ان پر قدغن لگانے میں آسانی ہو جائے گی ۔ نئی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کا جائزہ لینے کے بعد ایک خدشہ اور بھی ابھرتا ہے کہ کہیں ایسا تو نہیں کہ اس پالیسی کی آڑ میں یوگی حکومت ان مسلم نوجوانوں کے خلاف بڑی کارروائی کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہو جو سوشل میڈیا پر اپنے آئینی اور جمہوری حقوق کے لیے لگاتار ّآوازیں اٹھا رہے ہیں ۔ اگر ایسا ہوا تو آنے والے دن جمہوری قدروں کے لیے بدترین ہوں گے ۔

  • یوپی میں دلت مسلم اتحاد – حقیقت یا مفروضہ

    یوپی میں دلت مسلم اتحاد – حقیقت یا مفروضہ

    یو پی میں دلت مسلم اتحاد کا خواب دیکھنے والے مسلمانوں کو یہاں کی زمینی سیاسی حقیقت کا ادراک ابھی تک نہیں ہو پایا ہے۔مسلمانوں کا ایک بڑا طبقہ آج بھی یہ امید لگائے بیٹھا ہے کہ وہ دلتوں کے ساتھ مل کر یہاں کی سیاست میں کوئی انقلاب لا سکتا ہے ۔ دلتوں کے ساتھ اتحاد کی کوششیں بارہا ناکام ہو چکی ہیں ۔ اس کے نتیجے میں سوائے تلخ تجربات کے اور کچھ حاصل نہیں ہوا ہے ۔اس سے مسلمانوں کو سیاسی فائدہ تو درکنار ، الٹااس کا خمیازہ عام مسلمانوں اور ان کی قیادت کو بھگتنا پڑا ۔مسلم لیڈروں نے عوام میں رہی سہی اپنی ساکھ بھی گنوا دی۔ در اصل دلت طبقے کی نفسیات کو سمجھنا بہت ضروری ہے۔مذہبی اورسیاسی خود سپردگی ان کی نفسیات کا اہم عنصر ہے ۔دلت اعلیٰ ذات سے مرعوب رہتے ہیں لیکن جب ان کے معاملات مسلمانوں کے ساتھ ہوتے ہیں تو ان کے ساتھ وہی رویہ اپناتے ہیں جو صدیوں سے اعلیٰ ذات طبقے نے خود ان کے ساتھ روا رکھا ہے۔یعنی مسلمانوں کو اپنے سے کمتر سمجھنا۔

    دلت مسلم اتحاد کی یہ وہ تلخ حقیقت ہے جس کا ہم اب تک انکار کرتے آئے ہیں ۔مسلمان تو شروع سے ہی دلتوں کے ساتھ اتحاد کرنا چاہتا ہے۔ لیکن مشکل یہ ہے کہ دلت لیڈر شپ مسلمانوں کو صرف ایک ووٹ بینک سے زیادہ ا ہمیت دینے کو تیار نہیں اور وہ بھی اپنی شرطوں پر ۔  اس کی کئی عبرت ناک مثالیں موجود ہیں ۔یو پی میں دلتوں کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایا وتی کا جو طرز عمل مسلمانوں کے تعلق سے رہا ہے وہ جگ ظاہر ہے ۔مایا وتی نے پچھلے لوک سبھا کے چناؤ میں پارٹی کی کراری شکست کا ٹھیکرامسلمانوں کے سر پھوڑا تھا ۔بی ایس پی لوک سبھا چناؤ میں ایک بھی سیٹ پرکامیابی حاصل نہیں کر پائی۔اس شکست کی تمام تر ذمہ داری مایا وتی نے مسلمانوں کے سر ڈال دی ۔ چناؤ نتائج کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ مناسب نمائندگی دینے کے باوجود مسلمان بہوجن سماج پارٹی کو سمجھنے میں ناکام رہا ۔لہٰذا مستقبل میں ہونے والے چناؤ میں بی ایس پی مسلمانوں کو بہت سوچ سمجھ کر ٹکٹ دے گی ۔لیکن مایا وتی نے اپنے اسی بیان میں اپنی جاتی کی طرف سے حمایت کرنے اور  ووٹ دینے پردلتوں خاص طور سے جاٹؤ سماج کا شکریہ ادا کیا ۔ایسا نہیں ہے کہ مایا وتی نے پہلی بار مسلمانوں کے تعلق سے اس طرح کا رویہ اختیا رکیا  ہو۔اس سے پہلے بھی وہ مسلمانوں پر دھوکہ دینے اور فرقہ پرست ہونے کا الزام لگا چکی ہیں ۔ 2006کے بلدیاتی چناؤ کے بعد انہوں نے مسلمانوں پر ’ کٹر پنتھی ‘ہونے اکا لزام لگایا تھا۔ مایا وتی نے پریس کانفریس میں اس بات کا برملا اظہار کیا تھا کہ چناؤ میں کٹر پنتھی مسلمان نہ جیت جائیں ، اس کے لیے انہوں نے پارٹی حامیوں سے کہا تھا کہ وہ اپنے ووٹ بی جے پی کو ٹرانسفر کر دیں ۔ لیکن اس تذلیل کے بعد بھی مسلمانوں کا ایک بڑا طبقہ بی ایس پی سے جڑا رہا ہے ۔یہ وہی طبقہ ہے جو چناؤ کے موقع پر بھاری رقم خرچ کرکے پارٹی سے ٹکٹ خریدتا ہے ،پھر چناؤ ہار جانے کے بعد پارٹی قیادت سے گالیاں کھاتا ہے ۔ ڈاکٹر مسعود ، ارشد خاں اور تسلیم الدین کو جس طرح سے پارٹی سے نکالا گیا وہ سیاسی عبرت کی بدترین مثال ہے ۔مسلمانوں نے بی ایس پی کو یک مشت ووٹ دے کر کئی بار اقتدار کی کرسی تک پہنچایا ہے ۔آج بھی مسلمانوں کا ایک طبقہ بی ایس پی کا روایتی ووٹر ہے ۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بی ایس پی کے مسلم امیدواروں کو دلت ووٹ اس طرح سے نہیں ملتا جیسا کہ دلت برادری کے امیدواروں کو ملتا ہے ۔جبکہ مسلمان دلت امیدواروں کو بلا امتیاز دل کھول کر ووٹ دیتے ہیں۔

    یو پی میں دلت مسلم اتحاد کی پہل مسلمانوں نے کی تھی ۔ ساٹھ کی دہائی میں ڈاکٹر عبد الجلیل فریدی نے دلت ، پسماندہ طبقات اور مسلمانوں کو ملاکر سیاسی حقوق کی جد وجہد کا فارمولا پیش کیا تھا ۔ 1968میںمسلم مجلس کے قیام کے بعد ڈاکٹر فریدی کی کوشش دلت اور پسماندہ طبقات کو ساتھ لیکر چلنے کی تھی۔لیکن دلت طبقہ روایتی طور سے کانگریس اور جن سنگھ کے ساتھ جڑا رہا  ۔ 80؍ کی دہائی میں بہوجن سماج پارٹی  بننے کے بعد مسلمانوں کا بڑا طبقہ بلا جھجھک ’ بہوجن تحریک ‘ سے وابستہ ہو گیا۔خود کانشی رام دلت موومنٹ کی کامیابی کے لیے مسلمانوں کی شمولیت کو ضروری سمجھتے تھے ۔مسلمانوں نے بھی کانشی رام کو کبھی مایوس نہیں کیا ۔ انہوں نے اپنے پیسے اور وسائل سے پارٹی کو کھڑا کرنے میں جو کردار ادا کیا ، اس کے گواہ آج بھی مل جائیں گے ۔لیکن مسلمانوں کو دھکا اس وقت لگا جب جون 1995میں مایا وتی نے ملائم سنگھ سے ناطہ توڑ کر بی جے پی کے ساتھ یو پی میں اپنی سرکاری بنالی ۔مایا وتی کے اس قدم کی مخالفت کرنے والے ڈاکٹر مسعود اور ارشد خان کو باہر کا راستہ دکھا دیا گیا۔کوئی بھی سیاسی اتحا د قوت کے توازن اور مفادکی بنیاد پر قائم ہوتاہے۔یو پی کے مسلمان سیاسی قوت سے عاری ہیں۔دیگر نام نہاد سیکولر پارٹیوں کی طرح دلت لیڈران بھی مسلمانوں پر سیاسی بالا دستی قائم رکھناچاہتے ہیں ۔بہ الفاظ دیگر یہ بھی مسلمانوں کو اپنا سیاسی غلام بنائے رکھنا چاہتےہیں ۔مسلمانوں کے ساتھ دلت لیڈروں کا طرز عمل وہی ہوتا ہے جو دلتوں کے ساتھ اعلیٰ ذات کی سیاسی پارٹیاں کرتی ہیں۔یہ وہی سوچ ہے جس کو دلت ’ منوواد ‘ کا نام دیتے ہیں ۔دلت مسلم اتحاد میں سب سے بڑی پیچیدگی اس وقت پیدا ہوتی ہے جب عام دلت آر ایس ایس کے ہرا ول دستے کے روپ میں سامنے آجاتے ہیں ۔ یہ تکلیف دہ صورت حال مسلم کش فسادات کے دوران دیکھنے میں آتی ہے ۔ مسلم کش فسادات کے دوران سڑکوں پر مسلمانوں کے خلاف دلتوں کو اتارا جاتا ہے ۔ یہ ایک ایسی سچائی ہے جس کا انکار خود دلت لیڈ ربھی نہیں کر سکتے ۔اس کے علاوہ دلت لیڈروں کا طر ز عمل کب مسلم مخالف ہو جائے ،اس کا اندازہ لگاپانا بھی مشکل ہوتا ہے ۔ اس کی کئی مثالیں موجود ہیں جس میں دلت لیڈر اور دانشور آر ایس ایس کے آلہ کار بن گئے ۔ ادت راج ،رام ولاس پاسوان ، جیتن رام مانجھی، رام داس اٹھاولے،پر کاش امیڈکر اور دلیپ منڈل چند ایسے نام ہیں جو اس ضمن میں پیش کئے جا سکتے ہیں۔دلتوں کے ساتھ مسلمانوں کا سیاسی اتحاد کا تجربہ اب تک نہ صرف ناکام رہا ہے بلکہ اس کے نتائج بھی نقصاندہ رہے ہیں ۔حقیقت یہ ہے کہ یو پی کے مسلمان اپنی سیاسی حیثیت کھو چکے ہیں ۔ دیگرسیکولر پارٹیوں میں ان کی جو حالت ہے اس کا مشاہدہ دلت لیڈر کو بھی ہے ۔یو پی کا مسلمان دلتوں کے ساتھ اتحاد چاہتا ہے اور دل کے ساتھ چاہتا ہے۔مسلمان انسانی مساوات کے اصول پر آج بھی قائم ہیں۔مسلمانوں نے دلتوں کوہمیشہ برابری کا درجہ دیا ہے۔ ان کو گلے سے لگایا ، اپنے کھانے پینے میں شریک کیا، اپنے گھروں کے دروازے ان کے لیے کھول دئے ،ان کے ساتھ ایسا اخلاق پیش کیا جس کا تصور دلت طبقہ کبھی کر ہی نہیں سکتا تھا ۔لیکن دلت طبقہ ہزاروں سال کی غلامی کی نفسیات سے ابھی تک باہر نہیں نکل سکاہے۔یہ طبقہ آج بھی اپنی نجات اعلیٰ ذات کی خوشنودی میں دیکھتا ہے ۔ان سے اس قدر مرعوب ہے کہ اس کے اندر سے عزت نفس تقریباََ معدوم ہوچکی ہے۔اس کواگر فکر ہے تو صرف اپناریزرویشن بچانے کی ۔ یہ ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈر کی مورتی کی پوجا تو کر لیتا ہےلیکن ان کی تعلیمات پر چلنے کو تیار نہیں ۔دوسری جانب مسلمان نفرت اور فسطائی سیاست کے خلاف آج بھی ڈٹ کر کھڑا ہوا ہے۔آئین اور جمہوری بنیادوں پر اپنے        حقو ق کا حصول چاہتا ہے ۔ دلتوں کے پاس جومعاشی اور سیاسی قوت نظر آتی ہے ،وہ اعلیٰ ذات کا عطیہ ہے ۔دلتوں کی سیاسی قوت کا سرچشمہ یہاں کی اعلیٰ ذاتیں ہیں ، جن کی غلامی میں یہ صدیوں سے رہتے آئے ہیں ۔

  • ہریانہ- کانگریس بازی کیوں ہاری ؟

    ہریانہ- کانگریس بازی کیوں ہاری ؟

    ہریانہ میں کانگریس کی غیر متوقع شکست اور بی جے پی کی ناقابل یقین فتح نے سیاسی پنڈتوں کو بھی ناقابل اعتبار بنادیا ،جنھوں نے کانگریس کے گلے میں کامیابی کا ہار بہت پہلے ڈال دیا تھا۔اس بحث نے تین ماہ پہلے کی ان یادوں کو تازہ کردیا جب  لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی کے چارسوپار نعرے کی ہوانکلنے کے بعد میڈیا سے لے کر گلی کوچوں تک مودی میجک کے پھیکے پڑنے ،ان کی چمک دمک،ہنک ختم ہونے کی باتوں کے ساتھ شروع ہوئی تھی اور راہل کا غبارہ ہوا میں اڑنے لگا تھا ۔اس وقت مودی کی چال ڈھال گفتگو میں تبدیلی محسوس کی جارہی تھی ۔ان کے زوال کی پیشن گوئیاں ہونے لگی تھیں ۔سنگھ سے ٹکراؤ کی خبروں نے  مرے ہر سو درے  والا کام کیا  مگر  ہریانہ الیکشن میں سنگھ کی ان تھک محنت نے اتنا تو صاف کردیا کہ اسے مودی سےتو الرجی ہوسکتی ہے مگر بی جے پی سے نہیں۔ اس نے سولہ ہزار میٹنگیں کیں ۔گھر گھر ابھیان چلایا ہندو ایکتا کی اہمیت کو سمجھایا اور بی جے پی  کوالیکشن  جتوادیا۔

    کانگریس کیوں ہاری ،یہ راکٹ سائنس نہیں کہ سمجھ میں نہ آئے ۔اگر مودی کے معاملہ میں اوپینین پول اور ایکزٹ پول غلط ہوسکتے ہیں توراہل کے بارے میں کیوں نہیں ؟کانگریس لیڈر اسی کے سہارے سوال کھڑے کررہے ہیں ،یہی نہیں ایک بار پھر ای وی ایم کی آوٹ میں جا چھپے ہیں اور اپنی فاش غلطیوں سے آنکھیں چرانے کی کوشش  کررہے ہیں ۔دیوار پر صاف لکھا تھا کہ کانگریس ہائی کمان جاٹ لابی کے نرغہ میں پھنس گئی ہے جو ہریانہ کی کل آبادی کا 27فیصد ہے ۔اس کے ساتھ دلت اوبی سی  آنا پسند نہیں کرتاے۔ہڈا کے دس سالہ دور اقتدار  میں انہوں نے جاٹوں کی دبنگئی خوب دیکھی  تھی۔اس وقت پرچی ،خرچی ہڈا سرکار کی شناخت بن گئی تھی ۔کانگریس نے دلت چہرے کماری شیلجا کو نظر انداز کیا۔ ہڈا کی مرضی سے نوے (90)سیٹوں میں سے بہتر)72) ٹکٹ طے کئے گئے۔اعلان کے بغیر یہ طے ہوگیا کہ ہڈا سی ایم بنیں گے۔ اس سے اوبی سی اور دلت بدک گیا ۔جو کل ملاکر سینتالیس (47)فیصد ہے ۔

    بی جے پی نے غیرجاٹ ووٹوں کو اکٹھا کیا ۔دلتوں پر محنت کی۔ حتی کہ اس نے جاٹ بیلٹ میں بھی سیندھ لگالی اور کئی سیٹیں کانگریس سے چھین لیں ۔راہل کہتےہیں کہ مقامی لیڈروں نے پارٹی سے زیادہ ذاتی مفاد کو ترجیح دی تو کیا وہ ان کے خلاف کارروائی کریں گے؟ بی جے پی لیڈرشپ والی ہمت دکھائیں گے؟ نہیں ۔کیونکہ کانگریس اعلیٰ کمان خود ایسے ناسور پالتی ہے ۔ان کو کھادپانی دیتی ہے ۔مثلا ہڈا کی آمریت کے آگے سب بے بس تھے۔کماری شیلجا گھر بیٹھ گئیں ۔راہل نے آخری دنوں میں ہاتھ ملوایا مگر دل نہیں ملوا سکے۔ سورجے والا الگ سی ایم کی خواہش پالے بیٹھے تھے۔تینوں ایک دوسرے کو نقصان پہنچانے کا کھیل کھیل رہے تھے اور یہ سب ہائی کمان کے منظور نظرتھے۔اور ہوا یہ کہ ہریانہ کانگریس لیڈروں کی آپسی سرپھٹول نے اسے زمین پر پٹخ دیا ۔

    راہل گاندھی نے کہا ہے کہ پارٹی شکست کی وجوہات پر غور کرے گی انہوں نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنانے کا بھی اعلان کیا۔ یہ بڑی معصومانہ بات ہے۔ کیا کانگریس ہائی کمان کو یہ معلوم نہیں تھا کہ ہریانہ میں کانگریس کا گزشتہ 12 سالوں سے اضلاع اور بلاک میں کوئی صدر نہیں ہے۔ بوتھ سطحی کمیٹی نہیں۔ ضلعی سطح کی کمیٹی نہیں ہے ۔لڑائی کیا خاک لڑتے جب زمیں پر آپ کی تنظیم کا وجود ہی نہیں۔ اس کا کون ذمہ دار ہے؟ اس کا ایک ہی جواب ہے وینو گوپال ۔ وہ  کانگریس میں آرگنائزنگ جنرل سکریٹری ہیں۔سی وینوگوپال،راہل گاندھی کی ناک کا بال ہیں۔ان کا کام صرف یہ ہے کہ وہ راہل کی پونچھ بنے پھرتے ہیں۔ایک ہیں اجے ماکن۔ وہ جہاں کے انچارج بنے، پارٹی ہار گئی ۔راجستھان میں کیا کھیل کھیلا ۔مدھیہ ہردیش میں کیا ہوا ۔چھتیس گڑھ میں کیا کارگزاری تھی ،سب جانتے ہیں۔،اور اب ہریانہ گنوایا ۔آخری وقت میں انہوں نےاپنے داماد اشوک تنور کو بی جے پی سے کانگریس میں لاکر کون سا تیر مارلیا؟وہ بتائیں گے ؟نہیں، اور نہ ہی راہل پوچھیں پائیں گے۔

    اعداد و شمار یہ بھی بتاتے ہیں کہ ہریانہ کی 90 سیٹوں میں سے 14 ایسی سیٹیں ہیں جہاں آزاد امیدواروں کو کانگریس کی جیت اور شکست کے فرق سے زیادہ ووٹ ملے ہیں۔ ان میں سے 9 کانگریس کے باغی ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ کانگریس کی شکست کی ایک بڑی وجہ اس کے اپنے باغی ہیں۔جن کو منانے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی۔کچھ کا خیال ہے کہ کانگریس کو عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے ساتھ اتحاد کرنا چاہئے تھا، لیکن اگر آپ اعداد و شمار کو صحیح طریقے سے دیکھیں، تو یہ واضح ہو جاتا ہے کہ کانگریس کو عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے نہیں، بلکہ اس کے اپنے لوگوں نے شکست دی ہے۔ پورے ہریانہ کی 90 سیٹوں میں سے صرف 4 سیٹیں ایسی ہیں جہاں عام آدمی پارٹی کو کانگریس سے زیادہ ووٹ ملے ہیں۔ یہ نشستیں ڈبوالی، انچکالاں، اسند اور رانیہ ہیں۔

    جہاں تک مسلم ووٹرز  کا تعلق ہے انہوں نے کانگریس کو مایوس نہیں کیا اس نے میوات علاقہ سے پانچ مسلمانوں کو ٹکٹ دیا اور پانچوں اچھے مار جن سے جیتے ان کا رزلٹ سو فیصد رہا۔ اس سے بہتر کسی کمیونٹی کا ریکارڈ نہیں ہے۔

    راہل نے یہ الیکشن بھی پارلیمانی الیکشن کی طرح لڑا ۔وہی آئین لے کر لہرانا،ریزرویشن ختم ہونے کی بات کرنا،ذات پر مبنی مردم شماری کی بحث ۔انہوں  نے مقامی ایشو زکو ٹچ بھی نہیں کیا۔ یہاں ان کو بی جے پی سے سیکھنے کی ضرورت تھی  کہ انتخابات کے دوران بھی غلطیوں کو کس طرح درست کیا جاسکتا ہے۔ مثال کے طور پر ہریانہ میں بی جے پی نے اپنے پوسٹر میں سابق وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر کو غائب کر دیا ۔ ہریانہ انتخابات کو مکمل طور پر مقامی رکھا۔ مودی کی صرف دو ریلیاں ہوئیں جب ان کی ریلیوں میں لوگ نہیں آئے تو وہ کمپین سے الگ ہوگئے ،خود کو ظاہری طور پر دور رکھا اور اسے انا کا مسئلہ نہیں بنایا ۔سینی کو سی ایم کے طور پر آگے رکھا ۔باغیوں کو منایا ۔سوشل انجینئرنگ پر فوکس رکھا۔ جب کہ کانگریس  حد سے زیادہ خود اعتمادی اور میڈیا کی پیشین گوئیوں کے نشے میں کھو گئی زمینی سطح پر کوئی کام نہیں  کیا  تو یہ انجام ہوناہی تھا۔

    ایک بات اور ہے اور وہ یہ کہ  کانگریس  کے پاس اس وقت کوئی احمد پٹیل نہیں جو سونیا گاندھی کے پولیٹیکل سکریٹری تھے اور کانگریس میں مختلف دھڑوں کو اکٹھا کرتے تھے۔ اس میں ان کو مہارت تھی ۔انہوں نے  سب کو ساتھ رکھا ہوا تھا۔ راہل کے پاس احمد پٹیل کے قد کا کوئی لیڈر نہیں ہے جو سب کی بات سنے اور سب کو ساتھ چلنے پر مجبور کرے۔

    بہرحال شکست کا کوئی مائی باپ نہیں ہوتا اور جیت کے سو دعویدار ہوتے ہیں ۔ہریانہ کا نتیجہ آتے ہے بی جے پی جو لوک سبھا الیکشن کے بعد دفاعی پوزیشن میں آگئی تھی حملہ آور ہوگئی ہے ۔پی ایم نے نیا بیانیہ سیٹ کرنا شروع کردیا ہے کہ  کانگریس ہندوؤں کو بانٹنا چاہتی ہے۔ انہوں نے غیرملکی سازش کا بھی تذکرہ کیا۔وہیں میڈیا نے  اپنے پنجے باہر نکال لئے اور راہل کا زوال شروع ہونے کی کہانیاں گڑھنے لگا۔ وہ انڈیا گٹھ بندھن کے بکھرنے اور ٹوٹ پھوٹ  کا آغاز ہونے کی باتیں بھی کرنے لگا ہے ۔اکھلیش نے کانگریس سے تبادلہ خیال کئے بغیر ضمنی الیکشن میں امیدواروں کا اعلان کردیا ،مہاراشٹرا سے بھی آوازیں آنے لگی ہیں ۔کانگریس کو آنکھیں دکھانے کی شروعات ہوگئی ہے۔اگر مہاراشٹر میں کچھ گڑبڑہوگیا تو بی جے پی کو روکنے کی مہم کوشدید دھچکا لگے گا۔کانگریس قیادت کا اصل امتحان اب ہوگا ۔راہل اور کانگریس کو اپنے کام کا انداز بدلنا ہوگا ۔ورنہ ،اس ورنہ کا جواب آنے والے دن طے کریں گے۔

  • مہاراشٹر میں بی جے پی کا گندہ کھیل

    مہاراشٹر میں بی جے پی کا گندہ کھیل

    نہال صغیر

    عام طور پر یہ دیکھا جاتا ہے کہ جب کسی گروہ یا شخص کو ٹھوکر لگتی ہے کہ وہ سنبھل جاتا ہے اور آئندہ وہ ان راہوں کا انتخاب کرتا ہے جہاں سے آسانی سے گزر جائے ۔ لیکن کچھ لوگ ہوتے ہیں جنہیں ہر حال میں انہی راہوں میں چلنا مرغوب ہوتا ہے جہاں سے انہیں ٹھوکر کھانی پڑی ہو ، کچھ بھی ہو جائے وہ اپنی روش سے باز نہیں آتے ۔ کچھ ایسا ہی معاملہ بی جے پی اور ان سے وابستہ افراد کا ہے ۔ یہ درست ہے کہ انہیں اقتدار نفرت اور قتل و غارتگری کی راہوں پر چل کر ہی ملا ہے لیکن حالیہ لوک سبھا انتخابات میں انہیں جوکچھ نقصان اٹھانا پڑا وہ بھی منافرانہ سیاست کی ہی دین ہے ۔ یوپی کے بعد مہاراشٹر میں بی جے پی کو لوک سبھا میں سیٹوں کا زبردست نقصان ہوا ۔ اس نقصان کے بعد پارٹی کے اکثر لیڈروں کا کہنا تھا کہ وہ اس نقصان کی وجوہات پر غور کرکے اس کا سد باب کریں گے ۔ لیکن معاملہ وہی ڈھاک کے تین پات والا ہے ۔بی جے پی نے اپنی شکست سے کوئی سبق نہیں لیا وہ اپنے مقصد وجود یعنی نفرت اور افراتفری پھیلانے والی پرانی روش پر اب بھی گامزن ہے ۔ سوال یہ بھی ہے کہ جسے جو کچھ آتا ہے وہ اس کے سوا اور کر بھی کیا سکتا ہے ؟ جب اس پارٹی کے ڈی این اے میں ہی نفرت تعصب اور فساد ہے تو کرے بھی تو کیا کرے ؟ ویسے انہیں خدشہ یہ بھی ہے کہ ایک بار پھر کسی نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے اس لئے نفرت کے ساتھ کہیں کہیں کچھ محبت کی دکان بھی چلانے کی کوشش کرتے ہیں ۔ جیسے شندے کا کئی مقام پر مسلمانوں کے درمیان جانا، ان کی ترقی کے خواب دکھانا اور اب فڑنویس کا مسلم او بی سی کی میٹنگ کا انعقاد وغیرہ ۔ لیکن یہ کام ایسا ہی ہے جیسے کسی کو زہر دینے کیلئے شکر کا استعمال کیا جائے ۔

    الیکشن کمیشن نے جموں و کشمیر اور ہریانہ کے الیکشن کا اعلان کیا تو ڈرامائی طور پر مہاراشٹر کے الیکشن کی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا ۔ جب حزب اختلاف کی جانب سے تنقید ہوئی تو کہاگیا کہ مہاراشٹر میں تیوہاروں کی وجہ سے تاریخوں کا اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔اب جبکہ مہاراشٹر کا خاص تیوہار بھی گزر گیا ہے تو الیکشن کمیشن اپنی پرانی روش کے مطابق بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کیلئے اعلان کرنے کی بجائے دوسرے معاملات میں وقت کو ضائع کررہا ہے ۔شاید اکتوبر کے پہلے ہفتہ کے آخر یا پھر دوسرے ہفتہ میں انتخاب کی تاریخوں کا اعلان کیا جائے اور نومبر کے آخر میں ریاستی اسمبلی الیکشن کا اعلان ہو۔2014 کے بعد سے ملک کے عوام الیکشن کمیشن کی اس حکمت عملی کا مشاہدہ کررہے ہیں ۔بہر حال الیکشن تو وقت بے وقت ہو ہی جائے گا ۔

    بی جے پی اور اس کے چانکیہ کہے جانے والے انتخابی حکمت عملی طے کرنے اور پارٹی کے لئے زیادہ سے زیادہ راہیں ہموار کرنے میں مصروف ہیں ۔ان کے منصوبوں میں نفرت کو ہوا دے کر ہندو مسلم ووٹوں کا ارتکاز اور دوسری جانب انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ سے قبل فلاحی منصوبوں کا سنگ بنیاد کا پروگرام جاری  ہےاور وزیر اعظم پوری طرح سے انتخابی تشہیر کے موڈ میں بار بار مہاراشٹر کا دورہ کررہےہیں۔

    گزشتہ کئی ماہ سے ریاست میں رام گری کی بدزبانی اور توہین رسالت کا معاملہ زیر بحث ہے ۔ مسلمانوں میں اضطراب ہے جس کا اظہار انہوں نے درجن بھر سے زائد ایف آئی آر کی صورت میں کیا ہے لیکن حکومت بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رام گیری کو گرفتار نہ کرکے مسلمانوں کے اضطراب میں اضافہ کررہی ہے ۔ اسی اضطراب کے سبب جب ایم آئی ایم کے سابق ایم ایل اے اور ایم پی امتیااز جلیل نے اورنگ آباد سے ممبئی مارچ کا اعلان کیا تو ہزاروں مسلمان ان کے ہم رکاب ہوئے ۔انہیں ممبئی میں داخل تو نہیں ہونے دیا گیا لیکن یہ ریلی پرامن طور پر اختتام کو پہنچی ۔اس ریلی کے دوران ہلکی پھلکی افراتفری تو ہوئی اور ایک سے زائد ایف آئی آر درج ہوئی  لیکن اطمینان کی بات رہی کہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا ۔ یہ مسلمانوں کا اضطراب ہی تھا کہ ریلی میں ہزاروں مسلمان شامل ہوئے اور ہزاروں نے جگہ جگہ اس کا استقبال کیا ۔ان سب کے باوجود مہاراشٹر کی شندے حکومت جس کی لگام بی جے پی کے ہاتھوں میں ہے ،  نے یہ فیصلہ کررکھا ہے کہ وہ مسلمانوں کو دلی اذیت پہنچانے والوں کو اسی طرح چھوٹ دیتی رہے گی ۔ اس نے ریلی کے اثرات کو زائل کرنے کیلئے بدلا پور جنسی زیادتی کے ملزم کا انکاؤنٹر کروا کر میڈیا کے رخ کو کامیابی کے ساتھ موڑ دیا۔

    ذرا غور کیجئے جو حرکت رام گیری یا اس قبیل کے دوسرے ہندو کرتے ہیں اور حکومت خاموش رہ کر ان کو حوصلہ دیتی ہے اگر یہی معاملہ مسلمانوں میں سے کسی کا ہو تو حکومت خاموش رہتی ؟ ہم دیکھ رہے ہیں کہ مسلمانوں میں سےاگر کوئی ایسی حرکت نہ بھی کرے تو اس کے بیانوں کو توڑ مروڑ کر یا اس کی آڈیو ویڈیو میں چھیڑ چھاڑ کرکے گرفتار کرلیا جاتا ہے ۔لیکن اسلام ، مسلمانوں اور ان کی مقدس شخصیات پر ہندو شدت پسندوں کی جانب سے مسلسل زبان درازی کی جارہی ہے مگر حکومت خاموش رہتی ہے ۔ شاید ہی کوئی دن ایسا جاتا ہوگا جب مسلمانوں کو ان حالات سے نہیں گزرنا پڑتا ہوگا ۔

    آئے دن خبریں آتی رہتی ہیں کہ سوشل میڈیا یا کسی پروگرام میں مسلمانوں کی مقدس شخصیات کے خلاف توہین آمیز اور اشتعال انگیز بیان دیا جاتا ہے ۔ مسلمان احتجاج کرتے ہیں تو الٹا انہیں ہی گرفتار کرلیا جاتا ہے ۔ایسا لگتا ہے کہ بی جے پی یا مسٹر مودی اور امیت شاہ کو اندرون ملک مسلمانوں کی بے چینی سے کوئی فرق نہیں پڑتا ، ہاں اگر خلیج کی مسلم ریاستوں سے کوئی سخت پیغام آئے تو ان کے پسینے چھوٹ جاتے ہیں ۔ جیسا کہ نوپور شرما کے معاملہ میں دیکھا گیا ۔وقتی طور پر ہی سہی لیکن اسے بی جے پی کی ترجمان کے عہدہ سے ہٹایاگیا اور بیان دیا گیا کہ نوپور شرما کے اس بیان سے پارٹی کا کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی پارٹی کا ایسا کوئی موقف ہے ۔جبکہ پارٹی یا وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو اندرون ملک مسلمانوں کی بے چینی پر توجہ دینی چاہئے۔ کیوں کہ ان کا دعویٰ ہے کہ وہ ایک سو چالیس کروڑ بھارتیوں کے لیڈر ہیں۔

    آخر حصول اقتدار کیلئے بی جے پی کتنا نیچے گرے گی ۔نفرت کی اس سیات سے اس کو سیری حاصل کیوں نہیں ہوتی ؟ کیا صرف انہیں انہی راہوں سے اقتدار ملے گا ؟ شاید یہ ان کی مسلمانوں سے ازلی دشمنی کے سبب ہے ۔ اگر یہی ایک راستہ ہے اقتدار پر قبضہ کرنے کا تو لوک سبھا میں انہیں نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑتا ۔ مہارشٹر کے عوام نے بھی بار بار بتایا ہے کہ وہ فرقہ وارانہ سوچ رکھنے والوں کے پھندے میں نہیں آئیں گے ۔ اگر بی جے پی نے اپنی روش تبدیل نہیں کی تو آئندہ ریاستی اسمبلی کے انتخاب میں انہیں اپوزیشن کی سیٹ پر ہی گزارہ کرنا پڑے گا اور اس کی وجہ سے اجیت پوار اور ایکناتھ شندے کے سیاسی کیریئر کا ستارہ ماند پڑ جائے گا ۔ اجیت پوار کو شاید شرد پوار کا سہارا مل جائے لیکن ایکناتھ شندے نہ گھر کے ہوں گےنہ گھاٹ کے ۔کیونکہ ادھو اور آدتیہ ٹھاکرے کی جانب سے کہا جاچکا ہے کہ غداروں کیلئے کوئی جگہ نہیں ۔دیکھئے مہاراشٹر اسمبلی الیکشن کا اونٹ کسی کروٹ بیٹھے لیکن اتنا تو طے ہے کہ این سی پی اور شیو سینا کے غداروں کی حالت عبرت ناک ہی ہوگی ۔کیونکہ مہاراشٹر کے عوام غداروں کو پسند نہیں کرتے اور اسمبلی انتخاب میں بھی مسلمان اپنے ووٹوں کا اسی طرح استعمال کریں گے جیسا انہوں نے لوک سبھا انتخاب میں کیا تھا ۔پھر بھی یہ بھارتی سیاست ہے یہاں چوہے بلی کا کھیل جاری رہے گا ۔

     

  • کیامنی پور انا اور خودغرضی کی قیمت چکارہاہے

    کیامنی پور انا اور خودغرضی کی قیمت چکارہاہے

    نور اللہ جاوید

    پانچ سو دن کوئی کم نہیں ہوتے ہیں ،اتنے عرصے میں اگر کسی ریاست میں امن قائم نہیں ہوتا ہے تو یقینا یہ ریاست اور مرکز دونوں کی بین ناکامی ہے۔مگر المیہ یہ ہے کہ دونوں یعنی مرکزی اور ریاستی حکومتیں اس ناکامی کو قبول کرنےکو تیار نہیں ہے۔مودی حکومت 3.0کے سو دن مکمل ہونے پر مرکزی وزیر داخلہ امت  شاہ نے دعویٰ کیا منی پور میں حالات معمول آچکے ہیں ، اور طویل مدتی امن کے قیام کیلئے کوششیں جاری ہیں ۔تاہم امت  شاہ کے دعوؤں کے باوجود منی پور میں خلفشار جاری ہے۔حالات معمول پر آنے کے کوئی آثار نہیں ہے۔ریاست بدستور تقسیم ہے ۔ تقریباً70ہزارافرادگزشتہ 17 مہینوں سے ریلیف کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ابھی بھی ان کے اپنے آبائی علاقوں میں واپسی کے امکانات بہت ہی کم ہیں۔ان  میں سے 45ہزارکوکی ہیں۔ ان میں سے اکثریت اب بھی ریلیف کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ وہ عام ہالوں میں رہتے ہیں جن میں کپڑوں اور ترپالوں کی تقسیم ہوتی ہے۔ سخت سردیوں میں بھی پتلے گدوں پر سوتے ہیں۔ کیمپوں میں صفائی ستھرائی، خوراک، بچوں کی دیکھ بھال، طبی امداد کے حالات سب ناگفتہ بہ ہیں۔سینکڑوں عبادت گاہوں میں توڑ پھوڑ اور بے حرمتی کی گئی ہے۔ وادی اور پہاڑیوں دونوں کو نسلی طور پرایک دوسرے کیلئے اجنبی کردیا گیا ہے ۔ وادی اور پہاڑیوں کے درمیان کی اس قدر مضبوط سرحدیں قائم کردی گئی ہیں کہ اس طرح کی سرحدیں دو دشمن ممالک کے درمیان بھی بہت کم ہوتی ہیں ۔دونوں برادریوں کی حفاظت مختلف سیکورٹی فورسز کے ذریعہ کی جارہی ہیں ۔ آسام رائفلزکے جوان  کوکی کی حفاظت کرنے پر معمور ہیں اور منی پور پولیس جو میتی کی حفاظت کرتی ہے ، کے مابین سات چیک پوسٹ قائم کی گئی ہیں ۔

    3مئی 2023میں تنازع پھوٹنے کے بعدسے اب تک منی پور کی صورت حال پرسینٹر فار اسٹڈی آف سوسائٹی اینڈ سیکولرازم کی ایک رپورٹ جسے عرفان انجینئر اور نیہا دبھادے نے مرتب کیا ہے، تفصیل سےروشنی ڈالتی ہے۔اس رپورٹ میں منی پور کی تاریخی اور عصری چیلنجوں پر محتاط تجزیہ کرنے کے ساتھ میا نمار کی سرحد سے متصل ریاست کی انتہائی پیچیدہ صورت حال پر روشنی ڈالی گئی ہے۔رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ موجودہ صورت حال میں امن کی جلد واپسی کی امید نہیں کی  جاسکتی۔ 74صفحات پر مشتمل اس رپورٹ میں منی پور کی ڈیمو گرافی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔میتی، کوکی ، پنگل مسلم اور ناگا آبادی کے سماجی و معاشرتی تعلقات اور ماضی کی تلخیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے منی پور میں جاری تنازعات کے اسباب پر روشنی ڈالی گئی ہے۔اس رپورٹ کے اہم اقتباسات اس مضمون میں پیش کیے جائیں گے۔

    ملک کے دوسرے حصوں کی طرح منی پور  بہت ہی منفرد تاریخ کا حامل ہے اور موجودہ تنازعات کا تعلق بھی منی پور کی منفرد اور پیچیدہ تاریخ سے  ہے۔منی پور میں تبت برمن  اورمیتی کمیونٹی غالب گروپ ہیں۔ان کی  آبادی میں حصہ داری53فیصد ہے۔ سیاسی اور اقتصادی طور پر بھی ا ن کا غلبہ ہے۔ یہ بنیادی طور پر سرسبز وادی امپھال میں رہتے ہیں ۔مگر اتنی بڑی آبادی ریاست کے محض 10فیصد علاقے میں رہتی ہے۔میتی برادری کا دعویٰ ہے کہ منی پور سے ان کا تعلق 2000سال پرانا ہے۔ان کا تعلق دنیا کی طویل ترین سلطنتوں میں سے ایک ننگتھوجا سلطنت ہے ۔اس دورمیں منی پور کانام’’ کانگلی پاک ‘‘ تھا ۔1724میں اس خاندان کے بادشاہ ’میڈنگو پامہی با‘نے ہندو مت قبول کرلیا۔اس وقت ریاست کا نام تبدیل کرکے منی پور کردیا گیا ۔منی پور 1891 سے اگست 1947 تک برطانوی راج کے تحت ایک شاہی ریاست تھی۔1949میں منی پورنے بھارت سے الحاق کرلیا ۔انگریزی استعمار کے خاتمے کے بعدمختصر وقفے کیلئے منی پور کے بادشاہ کی پہل پر ایشا میں اپنی نوعیت کا منفرد جمہوری آئینی ریاست قائم کی گئی ۔منی پور کی اسمبلی نے 1947 میں ایک ترقی پسند ریاستی آئین کا ایکٹ پاس کیا جس میں مقننہ میں بالترتیب 30، 18 اور 3 کے تناسب سے تین زمروں میں نمائندگی دی گئی۔ عمومی زمرہ میں وادی میں میتی لوگ تھے۔ پہاڑی برادریاں ناگا اور کوکی زومی تھیں (ہندوستانی آئین میں 34 درج فہرست قبائل کے طور پر درج ہیں)؛ محمدن یا مسلم میتی (جسے پنگل کہا جاتا ہے) کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ 17ویں صدی میں سلہٹ سے ہجرت کر کے آئے تھے اور اب وہ ریاست کی آبادی کا9فیصد ہیں۔

    1949میں منی پور کے بادشاہ بودھ چندرا نے بھارت سے الحاق کرلیا۔تاہم اس کیلئے انہوں نے نوتشکیل منی پور اسمبلی کو اعتماد میں نہیں لیا تھا اس لئے منی پور اسمبلی نے الحاق کی مخالفت میں قرارداد پاس کیا اورمنی پور کی قبائلیوں کا دعویٰ تھا کہ اس کی وجہ سے ان کی خودمختاری خطرے میں پڑجائے گی۔ان اقدامات نے اختلافات کو ہوادی اور پھرمنی پور میں مستقل سورش کی بنیاد رکھ دی۔مذکورہ رپورٹ میں منی پور کے عسکریت پسند گروپوں کے عروج کی وجوہات اور اس کے تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالی گئی ہے۔1972میں منی پور کو مکمل ریاست کا درجہ دیا گیا۔اس کے باوجود حالات معمول پر نہیں آئے تو 1980 میں  منی پور میں آرمڈ فورسز (خصوصی اختیارات) ایکٹ نافذ کردیا گیا۔اس کی وجہ سے خلفشار کم ہونے کے بجائے بڑے پیمانے پر بدامنی شروع ہوگئی ۔1990کی دہائی میں کوکی اور ناگا کے درمیان خون ریز تصادم کے واقعات ہوئے اس کے نتیجے میں کوکیوں میں بھی علاحدگی پسندی ابھرنے لگی۔کوکی نیشنل فرنٹ کی تشکیل ہوئی۔علاحدہ کوکی اور ناگاکے درمیان طویل اختلافات رہے۔دونوں نے علاحدہ ریاست کی تشکیل کا مطالبہ کیا تاہم میتی اس کی مخالفت کرتی رہی۔میتی اور کوکی کے درمیان اختلافات ہمیشہ سے نہیں رہے ہیں ۔دونوں کے درمیان تعلقات ماضی میں بہتر بھی رہے ہیں ۔

    تاہم دونوں برادریوں کے درمیان تلخ تعلقات کے پیچھے میتی کے ہندو اور کوکی کے عیسائی ہونا ایک بڑی وجہ رہی ہے۔اس تلخی کے پیچھے آرایس ایس اور سخت گیر ہندتو جماعتوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمی کا بہت ہی اہم رول رہا ہے۔آر ایس ایس کی سوچ ہے کہ ہندؤں کے علاوہ یہاں جتنی بھی برادریاں ہیں وہ سب غیر ملکی ہیں۔دوسرے یہ کہ کوکی اور ناگا برادری کو قبائل کا درجہ حاصل ہے۔میتی قبائلی علاقے میں زمین نہیں خرید سکتے ہیں۔اسی  لئے بھی میتی کا مطالبہ ہے کہ انہیں بھی شیڈول ٹرائب کا درجہ دیا جائے اور اس اختلافات کی جڑ میں یہی مطالبہ ہے۔تاہم کوکی اور ناگا کو لگتا ہے کہ اگر میتی کو قبائلی کادرجہ مل گیا تو منی پور کے اقتصادیات پر حاوی میتی برادری ان کی زمین اور جنگل پر بھی قابض ہوجائیں گے۔3مئی 2023کو تشدد کا جو سلسلہ شروع ہوااس کے پیچھے یہی وجہ تھی۔تاہم حالیہ برسوں میں میتی برادری بالخصوص منی پور کے وزیر اعلیٰ این برین سنگھ کی جانب سے یہ تاثر دینے کی کوشش کی جاتی رہی ہے کہ میانمار سے بڑی تعداد میں کوکی برادری آرہی ہے ۔ کوکی جنگلوں پر قبضہ کررہے ہیں اور منشیات کی کھیتی کررہے ہیں۔حالاں کہ ں کہ 1901 سے 2011 تک کی دس سالہ مردم شماری میں غیر ناگا قبائلی آبادی میں کوئی غیر معمولی اضافہ نہیں ہوا ہے ۔ اسی لیے کو کی لوگوں  کے منی پور میں پردیسی ہونے کا دعویٰ ایک صریح جھوٹ ہے۔آسام کے طرز پر منی پور میں بھی این آر سی کا مطالبہ بی جے پی اور آرایس ایس کی جانب سے کیا جاتا رہا ہے۔ایک سوال یہ  بھی ہے کہ کوکی علاقے میں نئے گاؤں کیوں آباد ہورہے ہیں اس کا جواب کوکی اس طرح دیتے ہیں ہے کہ کوکی قبائلی سردار زراعت میں وسعت لانے کیلئے نئے گاؤں آباد کررہے ہیں تاکہ ان کے بچوں کا بہتر مستقبل ہوسکے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کوکیوں کے جنگلوں پرقبضہ کرنےاور منشیات کی زراعت کےخلاف ریاستی حکومت کے کریک ڈاؤن کیا گیا۔تاہم اس سوال پر کہ کیا واقعی کوکی قبائلی منشیات کا کاروبار کرتےہیں ۔اس رپورٹ میں سابق اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، برندا تھوناؤجم کے سنسنی خیز دعوؤں کا ذکر کیا گیاہے ۔برندا تھوناؤجم کہتے ہیں کہ منی پور میں منشیات کی کاشت کوکی نہیں بلکہ ریاست کے بااثر عناصر کرتے ہیں ۔ان عناصر کو حکومت کی سرپرستی حاصل ہے۔سابق پو لس سپرنڈنٹ کہتے ہیں کہ وزیر اعلیٰ خود پوست کی کاشت میں سب سے بڑے سرمایہ کار ہیں۔ رپورٹ کے مصنفین سے کہتے ہیں کہ ’’وزیر اعلیٰ منشیات کے مالک ہیں جن کے پوست کی صنعت میں اپنے مفادات ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ’’نہ صرف وزیراعلیٰ بلکہ مرکزی وزیر امت  شاہ کا بیٹا بھی پوست کی صنعت میں ملوث ہے… وزیراعلیٰ کی دوسری بیوی جو ناگا ہے اور ٹنڈیل کی ایم ایل اے بھی پوست کی صنعت میں سرگرم ہے…‘‘۔تاہم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سابق پولس آفیسر کے دعوؤں کی وہ تصدیق نہیں کرتی ہے مگر یہ حقیقت ہے کہ منشیات کی کاشت کیلئے صرف کوکی کو مورد الزام ٹھہرانا کسی بھی درجے میں منصفانہ نہیں ہے۔یہ کاشت ریاستی حکومت کی سرپرستی کے بغیر نہیں ہوسکتی ہے۔اس کے علاوہ اس بات کے بھی کوئی ثبوت نہیں ہے کہ سرحد پار یعنی میانمار میں منشیات کی اسمگلنگ میں کوکیوں کا کردار ہے۔درحقیقت امپھال، دہلی اور میانمار میں بے پناہ دولت اور سیاسی اثر و رسوخ رکھنے والوں کی سرپرستی سے ہی بین الاقوامی سطح پر منشیات کی صنعت پروان چڑھ رہی ہے۔

    اس ملک کی اقلیتوں کو بے اثر کرنے کی آر ایس ایس کی پرانی پالیسی رہی ہے۔2014کے بعد اس پر بہت ہی منصوبے بند طریقے سے پورے ملک میں عمل کیا گیا ہے۔منی پور کی آبادی میں 40فیصد حصہ داری والے کوکی کو سیاسی طور پر  بے اثر کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔اس منصوبے کے تحت میتی برادری کو پولرائز کرنے کیلئے کوکیوں کے خلاف الزامات اور کارروائی کی ایک سیریز چلائی گئی ۔خود مختار پہاڑی کونسلوں کے اختیارات سلب کئے گئے۔حالیہ دنوں میں منی پور میں کئی آڈیو کلپ سامنے آئے ہیں اور ان آڈیو کلپ کو منی پور میں تنازعات کی جانچ کررہی اعلیٰ سطحی کمیٹی کو پیش کیا گیا ہے۔ان آڈیوکلپ میں مبینہ طور پر برین سنگھ کی آواز ہے جس میں وہ کھلے عام میتی مسلح گروپ کی حمایت کی بات کررہے ہیں ۔ وہ امت  شاہ کے حوالے سے کہہ رہے ہیں ان کی ہدایت کے باوجود انہوں نے پانچ عسکریت پسندوں کو این آئی اے حوالے کرنے سے منع کردیا اور صرف دو افراد کو حوالے کرنے کی بات کرتے ہیں۔بیرن سنگھ کوکی کے خلاف کس قدر پروپیگنڈہ کرتے ہیں اس کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ ان کے دفتر نے 16 ستمبر کو ایک انٹیلی جنس رپورٹ شیئر کی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ میانمار سے 900 سے زیادہ ’کوکی عسکریت پسند‘ ریاست میں داخل ہوئے ہیں۔تاہم چنددنوں بعد ہی منی پور کے سیکورٹی ایڈوائزر کلدیپ سنگھ اور پولیس کے ڈائریکٹر جنرل راجیو سنگھ نے وزیر اعلیٰ بیرن سنگھ کے دفتر سے جاری رپورٹ کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس کی زمینی سطح پر کوئی تصدیق نہیں کی جاسکتی ہے۔اس بیان کے بعد وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ کے دفتر نے اپنے پہلے والے ان پٹ کو واپس لے لیا۔

    رپورٹ میں آر ایس ایس اور میتی کے عسکریت پسند گروپ آرام بائی ٹینگول کے درمیان تعلقات کی طرف اشارہ بھی کیا گیا ہے۔منی پور کے شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے بی جے پی کے سابق ممبر پارلیمنٹ لیشمبا سناجواباپر ’’آرام بائی ٹینگول‘‘ کی سرپرستی کاالزام ہے۔آر ایس ایس اور آرام بائی ٹینگوئل دونوں ایک دوسرے کی حمایت اور مدد کرتے رہے ہیں۔’’آرام بائی ٹینگوئل‘‘کوکی عیسائی کے خلاف سرگرم رہنے کے ساتھ ساتھ میتی عیسائی اور میتی لبرلز کے خلاف بھی محاذ آرائی کرتے رہے ہیں۔ حالیہ دنوں میں جو ویڈیوز وائرل ہوئے ہیں ان میں وزیر اعلیٰ بیرن سنگھ عسکریت تنظیموں سے وابستہ افراد کی مدد کرنے کا الزام ہے۔’’ آرام بائی ٹینگوئل‘‘ کے حکومت کے اعلیٰ عہدیدار اور وزیر اعلیٰ بیرن سنگھ کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’آرام بائی ٹینگول ‘‘کا دعویٰ ہے کہ وہ سناما ازم کو زندہ کرنا چاہتے ہیں۔دراصل یہ میتیوں کی بالادستی کا ہی نظریہ ہے۔’’آرمبائی ٹینگول‘‘سے وابستہ ارکان سیاہ ٹی شرٹ پہنتے ہیں ۔جس میں کوکی کے خلاف نفرت انگیز نعرے ہوتے ہیں ۔آرمبائی ٹینگوئل کے اراکان پر ہی کوکی خواتین کےساتھ زیادتی اوربرہنہ پریڈ کرنے کا بھی الزام ہے ۔ریاستی حکومت کے ساتھ آرام بائی ٹینگول کی قریبی شراکت داری کا سب سے بڑا نتیجہ یہ نکلا کہ ریاست اس کے ساتھ کھڑی رہی جب اس کے ارکان نے ریاستی اسلحہ خانے سے تقریباً 4000 جدید ہتھیار لوٹ لیے تھے۔

    جواہر لعل یونیورسٹی دہلی کے ایسو سی ایٹ پروفیسر اور کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ بمول اکوئیجام نے حال ہی میں انگریزی ویب سائٹ دی وائر جو انٹرویو دیا ہے اس کو پڑھنے کےبعد حقیقی صورت حال کا علم ہوتا ہے کہ 500دن بعد بھی منی پور میں امن قائم کیوں نہیں ہورہا ہے؟ بمول اکوئیجام کی شناخت صرف یہ نہیں ہے کہ وہ سیاست داں ہیں اور کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ ہیں بلکہ وہ دانشور اور مصنف ہیں جو شمال مشرق ریاستوں کی سیاست سے بخوبی واقف ہیں۔ان کا الزام ہے کہ منی پور میں بی جے پی حکومت نےخود کو میتی کا نجات دہندہ قرار دے کر کوکی کمیونٹی کے خلاف نفرت انگیز ماحول بنایا ہے۔ان کا کہناہے کہ سیاسی فائدے کیلئے نسلی تشدد کو ہوا دی جارہی ہے۔وہ کہتے ہیں کہ گزشتہ انتخابات میں بی جے پی نے کوکی کے مسلح گروپ کی حمایت حاصل کی تھی اس وعدے کے ساتھ کہ بی جے پی علاحدہ ریاست کی تشکیل کرے گی۔

    بمول اکوئیجامنی پور کے تشدد کے پیچھے ایک اور بھی گہری جغرافیائی سیاسی حکمت عملی سے پردہ اٹھاتے ہیں۔ میں نے پہلے دن سے محسوس کیا ہے کہ بحران کی ایک جیو اسٹریٹجک جہت ہے۔ کوکی مسلح گروپ کا بنگلہ دیش اور میانمار میں اثر و رسوخ قائم کرنے کیلئے استعمال کیاجاتا رہا ہے۔ اکوئیج کا دعویٰ ہے کہ منی پور میں تشدد ایک وسیع تر اسکرپٹ کا حصہ ہے۔ ایک پلے بک جس پر فرقہ پرست طاقتیں برسوں سے منی پور کے خیال کو تباہ کرنے اور اسٹریٹجک اور فرقہ وارانہ منصوبوں کی پیروی کر رہے ہیں۔کیوں کہ کوئی بھی امن کی بات نہیں کررہا ہے ۔اکوئیجام سوال کرتے ہیں کہ منی پور میں اس وقت پولیس سمیت 60ہزارسے زیادہ سیکورٹی اہلکار تعینات ہیں۔ اس کے باوجود70ہزار افراد اپنے گھروں سے کیسے محروم ہوگئے؟ آرمڈ فورسز (خصوصی اختیارات) ایکٹ کے علاوہ، سی آر پی سی کا سیکشن 131 ہے، جو انہیں حکومتی اجازت کے بغیرکارروائی کرنے کا اختیاردیتا ہے۔اس کے باوجود لوگوں کی موت ہورہی ہے اور گھرلوٹے جارہے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ کہیں نہ کہیں لاپرواہی برتی گئی ہے۔سینٹر فار اسٹڈی آف سوسائٹی اینڈ سیکولرازم اپنی رپورٹ کے اختتام میں منی پور میں ا من بحالی کیلئے چند اہم مشورے بھی دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق منی پور میں امن کی بحالی کے عمل کے لیے ضروری ہے کہ وزیر اعلیٰ بیرن سنگھ کو مستعفی ہوجائیں۔کیوں کہ دونوں برادریوں کا وزیر اعلیٰ پر سے اعتماد ختم ہو چکا ہے، اور وزیر اعظم کی اس سانحہ پر مسلسل خاموشی سے مایوس ہیں۔ وزیر اعلیٰ سنگھ کی نفرت انگیز تقاریر کا خاتمہ ہونا چاہیے، اور ریاستی انتظامیہ کو مزید کسی بھی نفرت انگیز تقریر پر سزا دینی چاہیے۔

    ایک امن کمیٹی قائم کی جائے جو کمیونٹیز کے درمیان بات چیت پر مشتمل امن عمل شروع کرے۔ اس کے ساتھ انصاف کے پہیے کو حرکت میں لانا چاہیے۔ قتل، اجتماعی عصمت دری، آتش زنی، گھروں کی تباہی اور مزارات کی بے حرمتی کے ذمہ داروں کو سزا دینی چاہیے۔لیکن شاید سب سے اہم قدم یہ اٹھانے کی ضرورت ہے کہ فوری طور پر تمام عسکریت پسند گروپوں کو غیر مسلح کردیا جائے۔چاہے اس عسکریت پسند کو ریاست کی سرپرستی حاصل ہو یا نہیں ۔دونوں برادریوں کے مسلح عسکریت پسندوں، خاص طور پر آرام بائی ٹینگول اور میٹی لیپون نے خوف کی فضا قائم کررکھی ہے۔اس کے علاوہ رپورٹ میں یہ تجویز پیش کی گئی ہے کہ تمام نسلی گروہوں کے لیے منی پور کو ایک مشترکہ وطن کے طور پر تسلیم کیا جانا چاہیے ۔جہاں ہر گروہ کو مساوی حقوق اور احترام کی نگاہ سے دیکھا جانا چاہیے۔اسی اجتماعی تفہیم کے ذریعہ ہی منی پور میں پائیدار امن قائم کیا جاسکتا ہے۔

  • کشمیر اسمبلی انتخاب-بدلتا  ہے  رنگ  آسماں  کیسے  کیسے

    کشمیر اسمبلی انتخاب-بدلتا  ہے  رنگ  آسماں  کیسے  کیسے

    افتخار گیلانی

    جموں کشمیر کے حالیہ اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس کو برتری حاصل ہوئی ہے۔ نوے سیٹوں میں سے 42پر نیشنل کانفرنس نے جیت درج کی اور اس کی اتحادی کانگریس کو چھ سیٹوں پر سبقت حاصل ہوئی۔  وادی کشمیر کی 47 میں سے نیشنل کانفرنس کو 35 سیٹیں حاصل ہوئی اور جموں کی 43 سیٹوں میں سات سیٹوں پر اسے  کامیابی ملی۔ ہندو اکثریتی جموں میں بی جے پی کو 29 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی۔جیری مینڈرنگ کے ذریعے اس خطے میں ہندو سیٹوں کی تعداد 24 سے 31 کر دی گئی تھی۔ اسی طرح اس خطے کی مسلم سیٹوں کی تعداد 12 سے گھٹا کر 9 کر دی گئی تھی۔واضح رہے کہ 2019 میں کشمیر  کی خصوصی حیثیت ختم کرنےاور جموں کشمیر کو یونین ٹریٹری بنانے کے بعد یہ پہلا اسمبلی الیکشن تھا۔

    کچھ ایسی ہی صورت حال آج سے تقریبا تین دہاہی قبل بھی تھی جب سال 1995 میں جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات منعقد کروانے کےلیے ہندوستان کو شدید عالمی دباؤ کا سامنا تھا۔ مگر کشمیر کی اس وقت کی واحد ہند نواز  یا مین اسٹریم پارٹی نیشنل کانفرنس کی شرط یہ تھی کہ وہ تبھی اس میں شرکت کرے گی، جب ہندوستان 1953   سے پہلے کی پوزیشن یعنی زیادہ سے زیادہ خودمختاری بحال کروادے۔وزیر اعظم نرسمہا راؤ کی حکومت نیشنل کانفرنس کی کسی بھی طرح کی معاونت کےلیے تیار نہیں تھی۔ نئی دہلی میں اس بات پر بھی غصہ تھا کہ 1989 میں فاروق عبداللہ نے وزارت اعلیٰ کے منصب سے استعفیٰ دے کر ہندوستان  کو بیچ منجدھار میں لا کر چھوڑدیا تھا اور ہندوستان  مخالف قوتوں کا سیاسی میدان میں مقابلہ کرنے کے بجائے خود لندن جا کر بس گئے تھے۔

    ان انتخابات کو معتبر بنانے کےلیے معروف کشمیری رہنما شبیر احمد شاہ پر ڈورے ڈالے جارہے تھے۔ وہ اس وقت حریت کانفرنس میں شامل نہیں ہوئے تھے۔ نئی دہلی میں خفیہ ایجنسیوں کا ایک اور دھڑا، جس کی قیادت اس وقت کے سکریٹری داخلہ ایس پدمانابھیا کر رہے تھے، نے حکومت نواز بندوق برداروں کی ایک سیاسی پارٹی عوامی لیگ کے نام سے میدان میں اتاردی تھی اور ان کا خیال تھا کہ خود ساختہ منتخب حکومت کی باگ ڈور تائب بندوق برداروں کے کمانڈر محمد یوسف المعروف ککہ پرے کے حوالے کردے۔اس گروپ نے ان دنوں چند سالوں میں عوام پر ظلم و ستم کے جو پہاڑ توڑے تھے اس کی وجہ سے لوگ کسی طرح ان سے چھٹکارہ پانا چاہ رہے تھے۔ حاجن میں ککہ پرے کا ٹھکانہ بالی ووڈ کی ‘شعلہ’ فلم کے سیٹ جیسا منظر پیش کرتا تھا، جہاں وہ  قضا و قد ر کے فیصلے صادر کرتے تھے۔

    اگلے سال یعنی 1996 میں لوک سبھا کے انتخابات ہوئے، تو نیشنل کانفرنس نے ان  کا بائیکاٹ کیا ۔ ان کا موقف یہی تھا کہ میدان میں اترنے  سے قبل ان کو کچھ سیاسی مراعات ہاتھ میں دیے جائیں، جن کو لےکر وہ عوام کے سامنے جائیں۔ان انتخابات میں کانگریس کی زیر قیادت نرسمہا راؤ کی حکومت کا تختہ پلٹ گیا اور وزیر اعظم دیو گوڑا کی قیادت میں جنتا دل حکومت برسر اقتدار آگئی۔ انہوں نے خفیہ ایجنسیوں کی ایما پر اپنے دست راست سی ایم ابراہیم کو لندن بھیج کر فاروق عبداللہ کو اسمبلی انتخابات میں شرکت پر آمادہ کروالیا۔ ان کو یقین دہائی کروائی گئی کہ اسمبلی میں ان کو واضح اکثریت حاصل کرنے کی راہ میں کوئی روڑے نہیں اٹکائےجائیں گے اور پہلی فرصت میں وہ زیادہ سے زیادہ خود مختاری کی قرار داد منظور کرواکر نئی دہلی بھیج دیں، جس کو پارلیمنٹ سے پاس کروایا جائے گا۔سی ایم ابراہیم اکثر غیر رسمی گفتگو میں ان انتخابات کا کریڈٹ لیتے رہے ہیں اور فاروق عبداللہ کو شیشے میں اتارنے کےلیے فخر کا اظہار بھی کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے فاروق کو بتایا تھا کہ اگروہ انتخابات میں شرکت نہیں کرتے ہیں، تو ان کے پاس متبادل موجود ہیں اس  طرح  ان کی پارٹی کا نام و نشان مٹ جائے گا۔

    ان انتخابات میں گو کہ عوام  کی  زیادہ  شرکت نہیں تھی۔ کئی جگہوں سے لوگوں کو فوج اور نیم فوجی دستوں نے زبردستی ووٹ ڈالنے کےلیے مجبور کیا تھا۔ مگر جو بھی پولنگ بوتھ تک گیا، اس کی اولین ترجیح یہی تھی کہ ککہ پرے کی عوامی لیگ یا اس کے بندوق برداروں کے دستوں کو ہروا کر کسی ایسی انتظامیہ کو بر سر اقتدار لایا جائے، جس کے زیر سایہ وہ چند سانسیں لے سکیں۔ نیشنل کانفرنس نے ان انتخابات میں 87 رکنی ایوان میں 57  نشستیں جیت کرواضح اکثریت حاصل کی۔ انتخابات کے بعد فاروق عبداللہ کو بتایا گیا کہ اسمبلی میں 1953 سے قبل کی سیاسی پوزیشن بحال کرنے کی قرار داد یا بل پیش کرنے سے قبل ایک کمیٹی بنائی جائے، جو اس کے مختلف پہلوں کا جائزہ لے گی۔جب تک کمیٹی کی رپورٹ آتی، تب تک جنتا دل حکومت کا تختہ پلٹ چکا تھا اور اٹل بہاری واجپائی کی قیادت میں بی جے پی اقتدار میں آچکی تھی ، جس نے جولائی 2000 میں جموں و کشمیر اسمبلی میں واضح اکثریت سے پاس ہوئی قرار داد کو مسترد کردیا۔

    فاروق عبداللہ جس نے انتخابات میں شرکت اور ہندوستان کو عالمی دباؤ سے بچانے کےلیے اس شرط پر آلہ کار بننے پر رضامندی  دی تھی کہ نئی دہلی 1953 کی پہلے والی پوزیشن بحال کرےگی، نے یہ تلخ گھونٹ پی لیا اور اقتدار میں باقی رہنے کو ترجیح دی۔ عمر عبداللہ واجپائی کی وزارتی کونسل میں جونئیر وزیر بھی تھے۔ انہوں نے بھی وزارت سے استعفیٰ دینا گوارہ نہیں کیا۔

    لگتا ہے کہ کشمیر میں تاریخ کا پہیہ گھوم پھر کر وہی پہنچ جاتا ہے۔ اس وقت سرکاری بندوق برداروں کے بجائے لیفٹیننٹ گورنر کی انتظامیہ، سرکاری ایجنسیوں اور ہندو قوم پرستوں نے عوام کا ناطقہ بند کر کے رکھ دیا ہے۔ پچھلے پانچ سالوں سے کشمیر میں گھٹن کا سا ماحول تھا۔ اس لیے حالیہ اسمبلی انتخابات میں عوام کی ایک بھاری تعداد نے ووٹ ڈالا، تاکہ عوامی نمائندوں پر مبنی ایک سرکار بن سکے اور  انہیں  سانس لینے کا موقع فراہم ہوجائے۔

    حالیہ انتخابات میں تجزیہ کاروں کا خیال تھا کہ کانگریس ہندو بیلٹ میں بی جے پی کو ٹکر دے گی۔ مگر اس نے انتہائی حد تک مایوس کن کارکردگی کا مظاہر ہ کیا۔ کانگریس کی چھ سیٹیں بھی مسلم بیلٹ سے ہی آئی ہیں۔ ان میں پانچ وادی کشمیر سے اور ایک جموں کے راجوری خطے سے ہے۔ ان کے مرکزی رہنماؤں نے غیر متوقع طور پر اس خطے میں کوئی قابل ذکر مہم بھی نہیں چلائی۔ ستم تو یہ ہے راہل گاندھی نے وادی کشمیر کے سوپور قصبہ میں جاکر وہاں نیشنل کانفرنس کے خلاف مہم چلائی۔ جس کانگریسی امیدوار کے حق میں مہم چلائی وہ تیسرے نمبر پر آیا۔جس طرح سے کانگریس نے جموں خطے میں بی جے پی کےلیے میدان کھلا چھوڑ دیا تھا، اس سے لگتا تھا شاید ان کی کوئی ملی بھگت ہے۔ انتخابی مہم کے دوران خود عمر عبداللہ کو کہنا پڑا کہ کانگریس جموں کے ہندو بیلٹ پر توجہ مرکوز کرنے کے بجائے وادی کشمیر اور جموں کے مسلم بیلٹ میں ووٹوں کو تقسیم کرنے کا کام کررہی ہے۔

    وادی کشمیر میں ووٹروں نے یقینی بنایا کہ آزاد امیدواروں کی بہتات کی وجہ سے ووٹ تقسیم نہ ہوں۔ اس لیے انجینئر رشید ( عوامی اتحاد پارٹی) اور جماعت اسلامی فیکٹر کا بھی نتائج پر بہت کم اثر ہوا ۔ انجینئر رشید نے پارلیامانی انتخابات میں جو جلوہ دکھایا وہ اسمبلی انتخابات میں مفقود تھا۔ اس کی بڑی وجہ یہ تھی کہ انہوں نے انتہائی نالائق اور مشکوک امیدواروں کو میدان میں اتارا۔ شاید ضمانت پر رہائی کے بعد ان کو امیدوارں کے انتخاب کےلیے بہت کم وقت ملا۔

    پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی، جس نے 2015 میں بی جے پی کے ساتھ مخلوط حکومت بنائی تھی، وادی کشمیر میں شکست سے دو چار ہوئی ، جہاں وہ 28 سے کم ہوکر تین نشستوں پر آگئی ہے۔قابل ذکر ہے کہ جس بھی پارٹی کے امیدوار پر تھوڑا بھی شک تھا کہ اس کے تار نئی دہلی یا بے جے پی کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں، اس کو شکست ہوئی۔  بی جے پی نے تین سیٹیں یعنی بھدروا، ڈوڈاویسٹ اور کشتواڑ وادی چناب سے حاصل کیں۔ اس علاقے میں کانگریس اور نیشنل کانفرنس دونوں نے امیدوار کھڑے کر دیے تھےاور ووٹوں کی تقسیم کا فائدہ بی جے پی کو ملا۔

    بی جے پی کو سب سے بڑا جھٹکا راجوری-پونچھ کے پیر پنجال پٹی میں ملا ہے۔ جہاں اس نے آٹھ میں سے صرف ایک ہی سیٹ جیتی ہے۔ یہ سیٹ بھی اس لیے ممکن ہوسکی کہ جیری مینڈرنگ کے ذریعے انتخابات سے قبل کالاکوٹ کو سندر بنی سے ملاکر بی جے پی کےلیے اس سیٹ کو ہموار کرادیا گیا تھا۔  پیر پنچال کے دیگر حصوں یعنی نوشہرہ، راجوری، درہال، تھانا منڈی، پونچھ-حویلی، مینڈھر اور سورنکوٹ میں بے جے پی کی دال گل نہ سکی۔  اس خطے میں پہاڑی نسل کے لوگوں کو شیڈولڈ ٹرائب کا درجہ دینے کی وجہ سے ان کے لیڈروں کو لگتا تھا کہ یہ خطہ اب ان کی جیب میں ہے۔ وزیر داخلہ امت شاہ نے اس خطے کے کئی دورے کیے۔تاہم، کوئی بھی اس حقیقت کو نظر انداز نہیں کر سکتا کہ بی جے پی نے کچھ ایسے حلقوں میں اپنی موجودگی درج کرائی ہے اور اسے بہتر کیا ہے جہاں وہ دوسرے نمبر پر رہی ہے یا 1000 سے زیادہ ووٹ حاصل کر چکی ہے۔  گریز میں اس کی کارکردگی قابل ذکر ہے، جہاں اس کے امیدوار فقیر محمدنے  7246 ووٹ حاصل کیے جبکہ نیشنل کانفرنس کے نذیر احمد خان نے 8378 ووٹ حاصل کیے۔بی جے پی سرینگر کے حبہ کدل میں بھی دوسرے نمبر پر رہی، لیکن بڑے فرق سے ہاری۔

    بہر حال یہ انتخابات کشمیریوں کےلیے اپنی انفرادیت کو قائم رکھنے اور آبادیاتی ساخت کو برقرار رکھنے کی سمت میں کرو یا مرو جیسی صورت حال تھی۔ 1996 میں نیشنل کانفرنس نے زیادہ سے زیادہ خود مختاری کے نام پر اور چند سانسیں لینے کے عوض بھاری اکثریت حاصل کی تھی۔اس بار بھی عوام کو امید ہے کہ شاید آکسیجن کی بحالی ہو، فرق یہ ہے کہ اس بار نیشنل کانفرنس خود مختاری کے بجائے ریاستی درجہ کی بحالی کے وعدے کو لےکر میدان میں اتری اور اس میں اس کو کس قدر کامیابی حاصل ہوتی ہے  یہ وقت ہی بتائے گا۔ویسے نیشنل کانفرنس کا جیتنا دونوں یعنی کشمیری عوام اور نئی دہلی کےلیے ایک طرح سے فائدے والی  صورت حال ہے۔ کشمیری عوام آبادیاتی ساخت کی تبدیلی کے حوالے اور نچلی سطح پر غیرریاستی افسران کی آمد سے پریشان تھے۔ اس مسئلہ کے حل ہونے کا امکان ہے۔اگر نیشنل کانفرنس کا کوئی کارنامہ ہے، تو یہی ہے کہ  1975 میں شیخ عبداللہ کے اقتدار میں آنے کے بعد کسی حد تک انتظامیہ میں کشمیریوں کا عمل دخل بڑھا کر ان کو اقتدار کے گلیاروں تک رسائی فراہم کرا دی گئی تھی، جو اب پھر معدوم ہو رہی ہے۔

    نئی دہلی کےلیے اطمینان کا باعث یہ ہے کہ نیشنل کانفرنس ریڈ لائنز کراس کرنے کی روادار نہیں ہے۔ اس کے لیڈران بس ایک حد تک ہی نئی دہلی کو چیلنج کرتے ہیں۔ جو لیڈران اپنی اسمبلی کی خود مختاری کی قرار داد کو مرکزی کابینہ کے ذریعے مسترد ہونے پر بھی خون کے گھونٹ پی سکتے ہیں، تو وہ اقتدار میں برقرار رہنے کےلیے کچھ بھی برداشت کر سکتے ہیں۔ یہ شاید محبوبہ مفتی یا انجینئر رشید کے ذریعے ممکن نہیں ہوتا۔ وہ کسی بھی وقت کوئی آئینی بحران کھڑا کرسکتے تھے۔ اس لیے ان کو اقتدار سے دور رکھنا ضروری تھا۔

    پھر بھی عمر عبداللہ کے پاس سیاسی قیدیوں کی رہائی اور سابقہ حکومتوں کے دوران نافذ کیے گئے جابرانہ قوانین کی منسوخی کے لیے ہندوستانی حکومت پر دباؤ ڈالنے کا نادر موقع ہے۔ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے حصول کے لیے پاکستان اور کشمیری عوام کے ساتھ بات چیت کی وکالت کے لیے بھی وہ ایک سازگار فضا اور دباؤ بنا سکتے ہیں۔اس حکومت پر لیفٹیننٹ گورنر کی خاصی پکڑ ہوگی، وہ کس طرح اس سے نبرد آزما ہو سکتے ہیں، وہ ان کی عوام کے تئیں سنجیدگی ظاہر کرے گی۔  خیرتمام اسٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ دیرپا امن اور انصاف کے حصول میں کشمیری عوام کی آوازوں کو سنا جائے اور ان کا احترام کیا جائے۔ یہ عمر عبداللہ کا اصل امتحان ہوگا۔ اگر وہ اس میں کامیاب ہو جاتے ہیں  اور تاریخ کے اس نازک موڑ پر عوام کی رہنمائی کرتے ہیں، تو ان کا نام جلی حرفوں میں لکھا جائے گا۔ ورنہ اس پارٹی کے گناہ اس قدر ہیں، جو شاید ہی ووٹوں سے دھل پائیں گے۔

  • سیتارام یچوری :بایاں محاذ کی ایک معتدل آواز

    سیتارام یچوری :بایاں محاذ کی ایک معتدل آواز

    معصوم مرادآبادی

    بایاں محاذ کے قدآور لیڈر سیتارام یچوری نے مختصر علالت کے بعد نئی دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں گزشتہ12؍ستمبر2024کو آخری سانس لی۔ ان کا انتقال ایک ایسے موقع پر ہوا جب ملک میں بایاں بازو کی سیاست اپنے وجود کی لڑائی لڑرہی ہے۔یچوری نے ملک میں سیکولر جمہوری سیاست کو مضبوط کرنے اور فسطائیت کے خلاف مشترکہ محاذ تشکیل دینے کے لیے جو انتھک کوششیں کیں ، اس کے لیے انھیں ہمیشہ یادرکھا جائے گا۔انھوں نے پوری زندگی فرقہ واریت اور فسطائیت کے خلاف جنگ لڑتے ہوئے گزاری۔سیتا رام یچوری اپنی سیاسی بالغ نظری کی وجہ سے بھی جانے جاتےتھے۔انھوں نے اپنی زندگی میں ہمیشہ اقتدار سے زیادہ اقدار کو ترجیح دی اور کبھی کرسی کا منہ نہیں دیکھا ۔ وہ سیاسی دورابتلا میں نظریاتی پختگی کی بہترین مثال تھے۔سیتارام یچوری ہندوستانی سیاست میں ایک بااصول ، عوام دوست ، سیکولر اور جمہوریت پسند سیاست داں اور بہترین انسان کے طورپر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔

    بایاں محاذ کی طلبہ  سیاست سے اپنا کیریر شروع کرنے والے سیتارام یچوری نے کبھی پیچھے مڑکر نہیں دیکھا ۔ انھوں نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں اور سیاسی سوجھ بوجھ سے قومی سیاست میں اپنے لیے جگہ بنائی ۔ وہ ایک معاملہ فہم سیاست داں تھے ۔ ان کی سب سے بڑی خوبی یہ تھی کہ ان کے سیاسی اور نظریاتی مخالفین بھی ان کا احترام کرتے تھے۔وہ اپنی معتدل سیاسی فکر کی وجہ سے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں میں مقبول تھے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی موت پران کی ہم خیال سیاسی جماعتوں کے علاوہ ان کے کٹر نظریاتی مخالفین نے بھی انھیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

    سیتا رام یچوری نے اپنا کیریر طلبہ  سیاست سے شروع کیا تھا اور وہ اپنی خداداد صلاحیتوں کی وجہ سے بایاں بازو کی طلبہ  تحریک میںبہت مقبول تھے۔ بعدازاں جب انھوں نے باقاعدہ سیاست میں قدم رکھا تو سی پی ایم کے ایک مقبول ترین لیڈر بن کر ابھرے ۔ انھوں نے اپنی پوری زندگی سیکولر سیاست کے فروغ اور جمہوری قدروں کی مضبوطی کے لیے وقف کردی تھی۔ وہ ایک قابل اعتماد لیڈر تھے اور اپنے نظریات کے معاملے میں بے جوڑ ثابت ہوئے تھے۔ بائیں بازو کے نظریات پر سختی سے عمل پیرا ہونے کے باوجود ان کے اندر شدت پسندی نہیں تھی۔

    سیتارام یچوری کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ان کے انتقال کے بعد انھیں خراج عقیدت پیش کرنے والوں کا تانتا بندھا ہواہے۔ حالیہ تاریخ میں شاید اتنا بڑا تعزیتی جلسہ کسی لیڈر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد ہوا ہو جتنا کہ کامریڈ یچوری کے لیے ہوا ۔ یہ تعزیتی جلسہ گزشتہ 28ستمبر کو نئی دہلی کے تال کٹورہ انڈور اسٹیڈیم میں منعقد ہوا جس میں بائیں بازو کے تمام قائدین کے علاوہ کانگریس صدر ملکا ارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے بھی شرکت کی۔حالیہ سیاسی تاریخ میں سیکولر اتحاد کو مضبوط کرنے کی جتنی بھی کوششیں ہوئیں ان میں کامریڈ یچوری ایک محور کے طورپر شامل رہے اور انھوں نے ملک میں ظلمت پسند طاقتوں کے خلاف اپوزیشن کو متحد کرنے کے لیے بے پایاں کوششیں کیں۔ان سے قبل یہ کام سی پی ایم کے رہنما آنجہانی کامریڈ ہرکشن سنگھ سرجیت کیا کرتے تھے جنھوں نے ملک میں پہلی بار تیسرے محاذ کی حکومت تشکیل دینے میں کلیدی کردار اداکیا تھا۔کامریڈ سرجیت کے بعد اگر کسی سیاست داں نے ملک میں سیکولر اتحاد کو مضبوط بنانے میں بنیادی کردار اداکیا ، ان میں کامریڈ سیتارام یچوری کا نام سب سے نمایاں ہے۔ وہ اپناکام نہایت خاموشی اور سنجیدگی کے ساتھ انجام دیتے تھے۔

    گزشتہ پارلیمانی انتخابات سے قبل ’انڈیا اتحاد‘ کی تشکیل وتعمیرمیں کامریڈ یچوری کاکردار سب سے اہم تھا۔ اس سے قبل مرکزمیں بایاں محاذ کی حمایت سے یوپی اے حکومت تشکیل دینے میں بھی وہ کلیدی حیثیت کے حامل تھے۔ڈاکٹر منموہن سنگھ کی قیادت میں اس حکومت نے دس سال کا عرصہ پورا کیا۔ اس دوران جب کانگریس اور بایاں محاذ کے درمیان کشیدگی کی نوبت آئی اور اس نے حمایت واپس لی تو بھی یچوری اس محاذ کو بکھرنے سے بچانے میں مصروف نظر آئے۔ کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں کے درمیان تال میل پیدا کرنے میں وہ ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے۔وہ کانگریس اور بایاں محاذ دونوں کے لیے بھروسے مند شخصیت تھے۔ یہی وجہ ہے کہ تعزیتی اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ وہ ان کے ایسے دوست تھے جن پر موجودہ سیاست میں بھروسہ کیا جاسکتا تھا۔ راہل نے کہا کہ یچوری اعتماد کے حامل سیاست داں تھے اور وہ اس معاملے میں سمجھوتہ نہیں کرسکتے تھے۔یچوری نے ہمیشہ انڈیا اتحاد کو مضبوط کرنے کے لیے پس منظر میں رہ کر کام کیا اور وہ اتحادی پارٹیوں اور کانگریس کے درمیان پل کا کام کرتے رہے۔‘‘انھوں نے یہ بھی کہا کہ’’ یچوری جی میرے لیے ایک ایسے دوست تھے جو سیاسی نظام میں رہتے ہوئے سب کا بھروسہ بن کر اپنا کام کرتے تھے۔لوگوں کے لیے سیاست کے اندرونی انتشار کو دیکھنا آسان نہیں ہوتا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’سیتارام یچوری ایسی شخصیت تھے ، جنھوں نے سب کو اکٹھا رکھا ۔ ‘‘

    سیتارام یچوری کی بڑی خوبی یہ تھی کہ اتنے اہم کارنامے انجام دینے کے باوجود ان میں کسی قسم کی انا اور غرور نہیں تھا۔ حساسیت سے بھرا یہ دل دوسرے سیاست دانوں کے پاس نہیں ہوتا۔انھوں نے نہایت سادہ زندگی بسر کی۔ راقم کو کئی بار وسنت کنج میں واقع ان کے فلیٹ میں جانے کا اتفاق ہوا۔میں نے وہاں کتابوں کے علاوہ کچھ نہیں دیکھا۔ان کا مطالعہ وسیع تھا۔ ان کی اہلیہ معروف انگریزی صحافی سیما چشتی ان کی دانشورانہ طاقت تھیں۔ یچوری کی ایک خاص بات یہ تھی کہ وہ بہت طمانیت پسند اور شائستہ انسان تھے۔سیتارام یچوری کی سیاست کا محور اس ملک کے کمزوراو ر مظلوم طبقات تھے جن کی بہتری کے لیے وہ ہمیشہ سوچتے اور سرگرم عمل رہتے تھے۔وہ سب کو ساتھ لے کرچلنے پر یقین رکھتے تھے ۔ یہی وجہ ہے انھیں بایاں بازو کی ایک معتدل آواز کے طورپر دیکھا جاتا تھا۔

    سیتارام یچوری کی پیدائش12؍اگست1952کو مدراس میں ہوئی تھی۔ان کا تعلق ایک تلگو برہمن خاندان سے تھا۔ان کے والد سرویشور سومیا جولا ایک انجینئر تھے جبکہ ان کی والدہ سرکاری افسر تھیں۔وہ ایک ہونہار طالب علم تھے۔انھوں نے نئی دہلی کے پریسڈینٹ اسٹیٹ اسکول سے سی بی ایس ای بورڈکے انٹر میڈیٹ امتحان میں پورے ملک میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور سینٹ اسٹیفن کالج سے اکنامکس میں بی اے آنرز کی ڈگری حاصل کی ۔ بعدازاں انھوں نے جے این یو سے اکنامکس میں ایم اے کیا اور یہیں سے طلبہ  لیڈر کے طورپر ان کی سیاسی زندگی کا آغاز ہوا۔ انہوں نے 1974 میں جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں طلبہ  تحریک میں شمولیت اختیار کی اور اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا (ایس ایف آئی) کے رہنما کے طور پر ابھرے۔ وہ دو برسوں کے وقفے میں تین بار جے این یو طلبہ  یونین کے صدر منتخب ہوئے۔ 1984 سے 1986 کے درمیان کامریڈ سیتارام ایس ایف آئی کے آل انڈیا صدر رہے اور اس کوملک گیر طاقت کے طور پر ترقی دینے میں اہم کردار ادا کیا۔سیتارام یچوری 1975 میں سی پی آئی (مارکسوادی) میں شامل ہوئے۔ ایمرجنسی کے دوران انہیں ان کی سیاسی سرگرمیوں کی وجہ سے گرفتار کیا گیا۔ وہ 1985 میں بارہویںکانگریس میں سی پی ایم کی مرکزی کمیٹی کے لیے منتخب ہوئے اور تامرگ مرکزی کمیٹی کے رکن رہے۔ وہ 1989 میں مرکزی سیکریٹریٹ اور 1992 میں پارٹی کی 14ویں کانگریس میں پولٹ بیورو میں منتخب ہوئے۔

    2015 میں اکیسویں کانگریس میں وہ سی پی ایم کے جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے، جس عہدے پر وہ آخری وقت تک برقرار تھے۔ تین دہائیوں سے زیادہ عرصے تک پارٹی کی مرکزی قیادت کے حصے کے طور پرانہوں نے وقتاً فوقتاً سی پی ایم کے سیاسی نظریات کو ترقی دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ سی پی ایم نے 14ویں کانگریس میں کچھ نظریاتی مسائل پر ایک قرارداد منظور کی، جس میں سوشلزم کی ناکامیوں کے نتیجے میں پارٹی کی نظریاتی صورتحال کو زیربحث لایا گیا۔ یہ قرارداد کامریڈ سیتارام نے کانگریس کے سامنے پیش کی تھی۔ اس کے بعد، وہ 2012 میں پارٹی کی بیسویں کانگریس میںتسلیم کئے جانے والی مختلف مسائل پر نظریاتی سوجھ بوجھ سے متعلق قرارداد پیش کرنے والے اہم رہنماؤں میں شامل تھے۔مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبے کے سربراہ کی حیثیت سے انہوں نے مختلف بین الاقوامی پلیٹ فارموں پر کمیونسٹ اور ترقی پسند قوتوں کی شرکت اور سوشلسٹ ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنایا اور سامراج مخالف تحریکوں کے ساتھ اتحاد کو فروغ دیا ۔

    سیتارام یچوری دو دہائیوں سے زیادہ وقت تک پارٹی کے ہفتہ وار اخبار ’’پیپلز ڈیموکریسی ‘‘کے ایڈیٹر رہے۔ ان کو تحریر پر بڑا ملکہ حاصل تھا۔ نظریاتی میدان میں ان کا بڑاکارنامہ ہندو توپر ان کی تنقید تھی، جو ان کی کتابوں – ’’یہ ’ہندو قوم‘کیا ہے؟‘‘اور ’’فرقہ واریت بمقابلہ سیکولر ازم‘‘کے عنوان سے شائع ہوئی۔سیتارام یچوری 2005 سے 2017 تک دو بار راجیہ سبھا کے رکن رہے۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں سی پی ایم کے گروپ کی قیادت کی اور بطور رکن پارلیمنٹ ان کا کردار نمایاں رہا۔وہاں انھوں نے سماج کے کمزورطبقات اور مظلوموں کے لیے ہمیشہ آواز بلند کی۔انہیں 2017 میں بہترین رکن پارلیمنٹ کے اعزاز سے نوازا گیا ۔

    حال ہی میں، سیتارام یچوری نے اپنا بیشتر وقت اور توانائی سیکولر اپوزیشن جماعتوں کے ایک وسیع اتحاد کی تشکیل پر صرف کی جس کے نتیجے میںنے ’انڈیا اتحاد‘ وجود میں آیا۔ اس سے قبل جب سی پی ایم متحدہ محاذ حکومت اور بعد میں یو پی اے حکومت کی حمایت کررہی تھی تو وہ دونوں کے درمیان تال میل کے کے لیے اہم مذاکرات کاروں میں سے ایک تھے ۔ان کے دوستانہ مزاج کی وجہ سے، سیاسی دائرے اور زندگی کے تمام شعبوں میں ان کے دوستوں کا دائرہ وسیع تھا۔ ان کی سیاسی دیانتداری اور وابستگی کی وجہ سے سب ان کا احترام کرتے تھے۔یچوری نے اپنی قیادت میں پارٹی کے نظریہ کو برقراررکھنے اور لوگوں کے ساتھ روابط بڑھانے کی کوشش کی ۔ انھوں نے ہمیشہ سوشلزم ، مساوات اور سماجی انصاف کے موضوعات پر مسلسل زوردیا ۔ ان کے نزدیک سیکولر جمہوری اقدار کو ہمیشہ فوقیت حاصل رہی۔ہماری قومی سیاست کے ایک اہم موڑ پر سیتارام یچوری کا انتقال ایک بڑا دھچکا ہے اور یہ بائیں بازو، جمہوری اور سیکولر قوتوں کے لئے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔

     

     

  • جموں  وکشمیر کا اسمبلی انتخاب-علاقائی تقسیم واضح

    جموں  وکشمیر کا اسمبلی انتخاب-علاقائی تقسیم واضح

    اشرف حماد

    حالیہ اسمبلی الیکشن  میں جموں و کشمیر کے زیادہ تر مسلم اکثریتی علاقوں میں ووٹروں میں ” مزاحمتی ووٹ ” کا رجحان دیکھنے کو ملا۔ یہ ایک ایسا اجتماعی ردعمل تھا جو سیاسی حالات کے خلاف تھا، جنہیں بہت سے لوگ مسلط شدہ سمجھتے ہیں۔ 2019 میں بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت نے دفعہ 370 کو ختم کر دیا جس سے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت چھن گئی۔ اس اقدام کے بعد سیاسی گرفتاریاں، کرفیو، اور مواصلاتی پابندیاں عام ہو گئیں، جنہوں نے خاص طور پر وادیِ کشمیر میں بے چینی کی فضا پیدا کردی۔ یہ "مزاحمتی ووٹ” نہ صرف پالیسیوں کی مخالفت میں تھےبلکہ اپنی شناخت کو برقرار رکھنے پر اصرار بھی تھا۔ ان علاقوں کے لوگوں کے لیے ووٹنگ ایک ایسے عمل کی طرح تھی جس میں علاقائی خود مختاری کے خاتمے کے خلاف آواز اٹھائی جا رہی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ خود مختاری کی حمایت کرنے والی روایتی جماعتیں جیسے نیشنل کانفرنس (جے کے این سی) کو بھرپور حمایت ملی، حالاں کہ ان جماعتوں کی سیاسی طاقت میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا تھا۔

    پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کو کبھی کشمیر میں مضبوط حمایت حاصل تھی۔ تاہم 2015 میں بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرنے نے اس کی ساکھ کو بری طرح متاثر کیا۔ بہت سے کشمیریوں کے لیے بی جے پی مرکزی حکومت کی سخت پالیسیوں کی علامت ہے۔ جب پی ڈی پی نے اس جماعت کے ساتھ اتحاد کیا، تو یہ لوگوں کے لیے خطے کے مفادات کے ساتھ فریب کے مترادف تھا۔ 2018 میں اس اتحاد کا خاتمہ پی ڈی پی کی سیاسی کمزوری اور اخلاقی زوال کو مزید واضح کرتا ہے۔ انتخابات میں ووٹروں نے پی ڈی پی کو اس اتحاد کی سزا دیاور اسے انہوں نے مفاد پرستی سمجھا۔ پارٹی کی جانب سے دوبارہ اعتماد پیدا کرنے کی کوششیں سست رفتار اور بے اثر ثابت ہوئیں اور انتخابات کے نتائج نے یہ ظاہر کیا کہ وادی کے ووٹر ابھی اس گٹھ جوڑ کو بھلا نہیں پائے ہیں۔

    نیشنل کانفرنس (جے کے این سی)، جو کہ عبداللہ خاندان کی قیادت میں ہے، نے جموں و کشمیر کی سیاست میں طویل عرصے تک اہم کردار ادا کیا ہے۔ تاہم، حالیہ انتخابات میں اس کی بحالی مقبولیت کی وجہ سے نہیں بلکہ سیاسی مجبوری کے تحت ہوئی ہے۔ پی ڈی پی کی بی جے پی کے ساتھ اتحاد کے سبب خراب ساکھ کے بعددیگر علاقائی جماعتوں کی کمزور تنظیم کے سبب بہت سارے لوگوں کے پاس نیشنل کانفرنس کو ووٹ دینے کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں تھا۔ یہ ایک مجبوری کا انتخاب تھا نہ کہ جوش و خروش کا۔ این سی نے اپنی شناخت کشمیری مفادات کے محافظ کے طور پر پیش کی ہے، لیکن ماضی کی غلطیوں اور مستقبل کے لیے کوئی نیا ویژن نہ ہونے کی وجہ سے اس کے لیے حمایت حاصل کرنا مشکل ثابت ہواہے۔ تاہم کشمیر کے بہت سے لوگوں کے لیے نیشنل کانفرنس کو ووٹ دینا بی جے پی یا اس کے حامیوں کو روکنے کا ایک طریقہ تھا۔

    جموں میں خاص طور پر، بی جے پی کو کافی ووٹ ملے۔ اسے کچھ کشمیری سیاسی حلقے "کشمیر مخالف ووٹ” قرار دے رہے ہیں۔ جموں کے سیاسی حلقے اسے جموں کے حق منڈیٹ قرار دے رہے ہیں۔ دفعہ 370 کے خاتمے کے بعد سے ہی بی جے پی نے اپنے آپ کو ایسی جماعت کے طور پر پیش کیا ہے جس نے جموں و کشمیر کو بھارت کی مین سٹریم سے جوڑا ہے۔ یہ پیغام جموں کے لوگوں کے لیے پرکشش ثابت ہوا، جنہوں نے اکثر محسوس کیا کہ کشمیر کی سیاست میں ان کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا گیا ہے۔ ان لوگوں کو بی جے پی کا کشمیر کے تعلق سے رویہ، قومی سلامتی پر زور، اور جموں و کشمیر کے بھارتی یونین کے ساتھ اتحاد کا پیغام دل کو بھایا۔ ان علاقوں میں انتخابی نتائج اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ کس طرح ووٹر نے ایک ایسی جماعت کی حمایت میں خود کو متحد کیا جس نے کشمیر کی سیاست کے اثر و رسوخ کو متوازن کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

    دیگر چھوٹی جماعتیں جن میں انجینئر رشید کی عوامی اتحاد پارٹی، جماعت اسلامی، پیپلز کانفرنس، اپنی پارٹی اور آزاد امیدوار ان انتخابات میں بڑی حد تک ناکام رہے، کیوں کہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نے انہیں بی جے پی کی آلہ کار قرار دے کر بی جے پی مخالف لہر پیدا کردی تھی۔ کشمیر میں بی جے پی سے کسی بھی قسم کی وابستگی کا تصور بھی نقصان دہ ثابت ہوا ہے۔ یہ امیدوار اپنے آپ کو مرکزی حکومت کی پالیسیوں سے الگ دکھانے کی سخت ترین کوششوں کے بعد بھی ناکام رہے، اور پہلے سے محتاط اور ووٹر نے انہیں بی جے پی کے اثر و رسوخ کی توسیع کے طور پر مسترد کر دیا۔ تاہم ان کا دعوٰی ہے کہ انہیں انتخابی مہم چلانے کے لیے نہایت کم موقعہ فراہم ہوا۔ جموں میں بھی ان چھوٹے کھلاڑیوں کا حال کچھ مختلف نہیں تھا۔ ووٹروں نے بڑی حد تک بی جے پی کے حق میں ووٹ ڈالا، جس نے دوسروں کے لیے بہت کم جگہ چھوڑی۔ یہ نتائج اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ لوگوں کے سامنے ترجیات واضح تھیں۔

    جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کا فیصلہ ایک دلچسپ تقسیم پیش کرتا ہے، جس سے سیاسی ترجیحات اور تصورات کی حکمرانی میں گہرے علاقائی اختلافات ظاہر ہوتے ہیں۔ بڑی سیاسی جماعتوں کی کارکردگی وادی کشمیر اور جموں کے درمیان نمایاں طور پر مختلف رہی۔ جب کہ نیشنل کانفرنس-کانگریس اتحاد نے کشمیر میں مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41.08 فیصد ووٹ شیئر کے ساتھ 47 میں سے 40 سیٹیں جیتی ہیں لیکن جموں میں ان کا اثر کافی کم تھا، جس کی وجہ سے 43 میں سے صرف 8 سیٹیں حاصل ہوئیں۔ اس کے برعکس بھارتیہ جنتا پارٹی کا جموں میں غلبہ رہا ہے، جس نے 45.23 فیصد ووٹوں کے ساتھ 29 نشستیں حاصل کیں۔ جب کہ کشمیر کے علاقے میں وہ کوئی قابل ذکر رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہی اورکوئی نشست حاصل نہیں کر سکی ۔ اس کو صرف 2.17 فیصد ووٹ ملے۔ اس علاقائی تقسیم کا ایک سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ دونوں خطوں کے درمیان امتیازی سلوک کے بارے میں عوامی تاثرات تبدیل ہوئے ہیں۔

    تاریخی طور پر جموں کے مکینوں نے کشمیر کے مرکز کو اپنے علاقے کے ساتھ امتیازی سلوک کے طور پر دیکھاہے۔ جموں نے محسوس کیا کہ پچھلی ریاستی حکومتیں، جن کی قیادت بنیادی طور پر کشمیر پر مبنی پارٹیوں کے ذریعے کی گئی تھی، نے خطے کے ساتھ بڑے پیمانے پر امتیازی سلوک روارکھا۔ تاہم پہلے سے بھیجی گئی مرکزی حکومت کے تحت، جو جموں و کشمیر کو لیفٹیننٹ گورنر راج کے تحت چلاتی ہے، ان تصورات میں تبدیلی آئی ہے۔

    کشمیر میں بہت سے لوگوں نے محسوس کیا کہ بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت کے تحت طاقت کا توازن جموں کے حق میں منتقل ہو گیا ہے۔ یہ خیال دونوں خطوں کے درمیان جاری سیاسی تقسیم کو بڑھا سکتا ہے۔ کون سی پارٹی دونوں خطوں کے ساتھ مساوی سلوک کو یقینی بنا سکتی ہے اس علاقائی تقسیم کو مزید اجاگر کرتی ہے۔ جموں خطہ کے رائے دہندگان کا یقین ہے کہ بی جے پی دونوں خطوں کے ساتھ منصفانہ سلوک کو یقینی بنانے کے لیے بہترین پوزیشن میں ہے ۔ اس کے برعکس، صرف پانچ فیصد کشمیری اس کودرست مانتے ہیں۔  ہر دس میں سے چار ووٹر نیشنل کانفرنس  کے ذریعہ مساوی سلوک فراہم کرنے پر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔ جموں و کشمیر کا یہ سیاسی فیصلہ دیرینہ علاقائی تعصبات اور دونوں خطوں کے ساتھ مساوی سلوک کو یقینی بنانے کے لیے کسی ایک حکومت یا پارٹی پر اعتماد کی کمی کا عکاس ہے۔ جموں میں بی جے پی کا غلبہ وادی میں این سی جیسی کشمیر پر مبنی جماعتوں کی طاقت سے متوازن ہے۔ اس تقسیم کو اس خیال سے مزید تقویت ملی ہے کہ سابقہ ​​ریاستی حکومتوں نے کشمیر کی حمایت کی تھی، جبکہ موجودہ یونین ٹریٹری حکومت کا جموں کی طرف جھکاؤ دیکھا جا رہا ہے۔ یہ نتائج اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ جموں و کشمیر علاقائی اور دیگر خطوط پر تقسیم ہے۔ جہاں جموں میں بی جے پی کا اثر و رسوخ مضبوط ہے، وہیں کشمیر میں مزاحمت کی لہر یہ ظاہر کرتی ہے کہ مرکزی حکومت سے دوری کا احساس ابھی بھی موجود ہے۔ مستقبل میں کسی بھی پارٹی کے لیے چیلنج یہ ہوگا کہ وہ اس تقسیم کو کیسے دور کرے۔ لیکن فی الحال جموں و کشمیر کا انتخابی نقشہ دو علاقوں کی مختلف سیاسی خواہشات کو ظاہر کرتا ہے۔

  • بھارت میں خواتین سافٹ ٹارگیٹ کیوں ؟

    بھارت میں خواتین سافٹ ٹارگیٹ کیوں ؟

    نور اللہ جاوید

    9اگست کو کلکتہ کے آرجی کار میڈیکل کالج و اسپتال میں ایک جونیئر خاتون ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے واقعہ کودو ماہ مکمل ہوچکے ہیں مگر اس کی گونج ابھی تک سنائی دے رہی ہے۔ مغربی بنگال میں جونیئر ڈاکٹرس احتجاج اور بھوک ہڑتال کررہے ہیں ان کی حمایت میں ہرروز سیکڑوں افراد سڑکوں پر جمع ہوکر انصاف کی گہار لگاتے ہیں۔المیہ یہ ہے کہ دو ماہ کے بعد بھی ملک کی سب سے بڑی جانچ ایجنسی سی بی آئی خاتون ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے معاملے کی جانچ مکمل نہیں کرسکی ہے۔

    بہیمانہ عصمت دری کا یہ واقعہ کوئی پہلی مرتبہ نہیں ہوا ہے اور نہ ہی اتنے سخت رد عمل کے بعد بھی خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات رک گئے ہی بلکہ آئے دن اس طرح کی خبروں کے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔آرجی کار میڈیکل کالج و اسپتال میں خاتون ڈاکٹر کے ساتھ عصمت دری اور قتل کے واقعے کو لے کر جب ہنگامہ آرائی جاری تھی تو اسی دوران دہرادون میں ایک مسلم نرس کے ساتھ جنسی زیادتی کا واقعہ پیش آیا مگر اس واقعے پر سول سوسائٹی کا ضمیر نہیں جاگا ۔اسی طرح انہی دنوں بہار میں ایک نابالغ دلت لڑکی کے ساتھ گاؤں والوں کے ذریعہ اجتماعی عصمت دری کا واقعہ پیش آیا مگر موخرالذکر دوونوں واقعات اخبارات کی سرخیوں میں جگہ نہیں پاسکے ۔تاہم کلکتہ میں آرجی کار میڈیکل کالج و اسپتال کا واقعہ سماج میں ارتعاش پیدا کرنے میں ضرورکامیاب رہا۔اس واقعے نے کئی سوالات کھڑے کئے ہیں جس کا جواب آج بھی نہ سماج کے پاس ہے اور نہ ہی حکومت کوئی جواب دینے کے لیے تیار ہے۔سوال یہ ہے کہ آخر کام کی جگہ پر خواتین محفوظ کیوں نہیں ہیں؟

    حال ہی میں ای وائی(EY) نامی ایک کارپوریٹ کمپنی میں ایک خاتون عملہ کام کی زیادتی کی وجہ سے موت کے آغوش میں چلی گئی۔روشن خیالی ، لبرل ازم کا ڈھونڈورا پیٹنے والے سماج میں خواتین کی صورت حال کیا ہے اس کا اندازہ اس سے لگایا جاتا ہے کہ ملیالم فلم انڈسٹری میں خواتین کے ساتھ جنسی ہراسانی سے متعلق کوہیما کمیشن کی رپورٹ میں حیرت انگیز انکشافات کئے گئے ہیں ۔کوہیما کمیشن کی رپورٹ نے سفید پوشوں کے اصل چہروں کو بے نقاب کردیا ہے۔یہ رپورٹ بتاتی ہے کہ خواتین کی آزادی، مساوات  اور انصاف کا نعرہ مستانہ بلندکرنے والوں نے خواتین  کو کس طرح جنسی تلذذ، خواہش نفسانی کی تکمیل کا ذریعہ بنادیا ہے۔یہ صورت حال صرف ملیالم فلم انڈسٹری کی نہیں ہے بلکہ تیلگو ، ٹالی ووڈ ، تمل اور بالی ووڈ سے بھی جنسی ہراسانی کی شکار ہونے والی خواتین نے آواز بلند کررہی ہیں کہ اس طرح جانچ کمیشن ان کے یہاں بھی قائم کئے جائیں ۔

    چھ سال قبل ’’می ٹوی مہم‘‘ کے تحت کئی خواتین صحافیوں نے اپنی درد ناک کہانیاں عوام کے سامنے لائیں تھیں ۔شاید یہ واقعہ سبھی کو یاد ہی ہوگا کہ مین ہیٹن کے ایک مہنگے ہوٹل میں ایک بے لباس سفید فام شخص ہوٹل کے کوریڈور میں ایک پناہ گزیں سیاہ فام نوجوان خاتون کے پیچھے دوڑتے ہوئے پایا گیا تھا۔وہ اس لڑکی کو اپنی ہوس کا نشانہ بنانا چاہتاتھا۔وہ سفید فام کوئی معمولی انسانی یا پھر بگڑیل دولت مندنہیں بلکہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ IMF کاڈائریکٹر تھا، وہ فرانس کا بااثرسیاست دان بھی تھا اور ہوٹل کی 32سالہ ملازمہ کا تعلق گنی سے تھا جو فرانس کی نوآبادی رہ چکا ہے۔ قانون کی حکمرانی کی سرفہرست رہنے والے ممالک میں شامل فرانس نے آئی ایم ایف کے سربراہ کے خلاف زنابالجبر اور جنسی تشدد کے الزامات ختم کر دیے گئے مگر اس کو اپنی اس حرکت کی قیمت تو چکانا پڑی ۔آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا اور ہوٹل کی ملازمہ کو بھاری جرمانہ بھی دینا پڑا۔

    جب اعلیٰ تعلیم یافتہ ، حقوق سے باخبر خواتین کام کی جگہوں پر محفوظ نہیں ہیں تو پھر عام خواتین کو کن مشکلات اور پریشانیوںکا سامنا ہے اس کا اندازہ بھی نہیں لگایا جاسکتا ہے۔ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) کی سالانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ2022 میں ہندوستان میں خواتین کے خلاف جرائم میں 4 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ہر پندرہ منٹ میں ایک خاتون کو جنسی زیادتی کا شکار بنایا جاتا ہے۔این سی آر بی کی رپورٹ میں خواتین کے خلاف رپورٹ ہونے والے جرائم میں خاطر خواہ اضافے کی تفصیل دی گئی ہے جو 2020 میں تین لاکھ71ہزار 503   کیسز سے بڑھ کر 2022 میں4 لاکھ 45ہزار 256کیسز تک پہنچ گئے۔رپورٹ میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ تعزیرات ہند (آئی پی سی) کے تحت خواتین کے خلاف جرائم کا ایک بڑا تناسب شوہر یا اس کے رشتہ داروں کی طرف سے ظلم (31.4 فیصد)خواتین کا اغوا (19.2) فیصد خواتین پر حملہ شامل ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ملک میں جہیز کے امتناع ایکٹ کے تحت13,479مقدمات درج کیے گئے۔36 ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام علاقوں، اور مرکزی ایجنسیوں سے جمع کردہ ڈیٹا کی بنیاد پر، ’’بھارت میں جرائم 22‘‘کے عنوان سے رپورٹ قانون سازوں، حکومتوں اورپالیسی سازوں کے لیے اہم معلومات فراہم کرتی ہے۔تاہم این سی آر بی کی رپورٹ جولائی اور اگست میں جاری کی جاتی ہےمگر کافی تاخیر کے ساتھ رپورٹ جاری کی جاتی ہے۔رپورٹ میں کمزور آبادی کے خلاف جرائم میں خطرناک اضافے سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی کی فوری ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔2018میں تھامس رائٹرس فاؤنڈیشن نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ خواتین کیلئے بھارت دنیا کے خطرناک ممالک میں سے ایک ہے۔اس سروے میں 548 ماہرین سے چھ مختلف اشاریوں  صحت کی دیکھ بھال، امتیازی سلوک، ثقافتی روایات، جنسی اور غیر جنسی تشدد، اور انسانی اسمگلنگ کے حوالے سے سوالات کئے گئے تھے ۔گرچہ اس رپورٹ کو بھارتی حکومت نے سختی سے رد کردیا تھا مگر اس رپورٹ میں جوسوالات اٹھائے گئے تھے وہ انتہائی اہم تھے۔

    جہاں تک یہ سوال ہے کہ خواتین آسان ٹارگٹ کیوں ہیں اور ملک کو خواتین کیلئے محفوظ کیسے بنایا جائے ۔ظاہر ہے کہ اس سوال کا کوئی ایک سطری جواب نہیں ہے بلکہ یہ ایک تفصیل طلب موضوع ہے۔آرجی کار میڈیکل کالج و اسپتال میں عصمت دری کے واقعے کے بعد یہ حقیقت سامنے آئی ہے کہ ملک بھر کے اسپتالوں میں خواتین کیلئے علاحد ہ بیت الخلا کے انتظامات شاذ و نادر ہی ہیں۔خواتین ڈاکٹر س کےآرام کیلئے علاحدہ کمرے نہیں ہیں ۔بیشتر اسپتالوں میں سی سی ٹی وی نہیں ہیں۔یہ صورت حال حکومت کی خواتین کی سیکورٹی کے تئیں سنجیدگی اور حساسیت کو واضح کرتی ہے۔دیگر شعبہ جات میں بھی یہی صورت حال ہے۔عالمی بینک کی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ’جنوبی ایشیا میں عورتوں اور لڑکیوں پر ہونے والے تشدد کو اس خطے میں تیزی سے رونما ہونے والی اقتصادی اور سماجی تبدیلیوں کے پس منظر میں دیکھنا چاہیے۔اقتصادی ترقی صنفی مساوات پر اثرانداز ہوتی ہے ۔ کیوں کہ اس کی بدولت عورتوں کی لیبر فورس میں شمولیت اور تعلیم کے مواقع میں اضافہ ہوتا ہے۔ مگر سوال یہ ہے کہ لیبر فورس میں شمولیت سے  کیامسائل حل ہوجاتے ہیں ؟ اگر بھارت میں کام کاج کی جگہوں پر خواتین کے خلاف جنسی زیادتی کے واقعات کی شرح کو دیکھیں تو اندازہ ہوجاتا ہے کہ لیبر فورس میں شمولیت مسئلے کا حل نہیں ہے اورنہ ہی تشدد کے خاتمے کا ضامن ہے ۔خواتین بڑی تعداد میں گارمنٹس فیکٹریوں اور غیر منظم سیکٹر میں کام کرتی ہیں مگر یہ خواتین کام کی جگہ سے لے کر گھر تک تشدد کا شکار ہوتی ہے۔

    خواتین کےساتھ جنسی زیادتی ، استحصال اور ظلم وستم کو عموماً روایتی معاشرے کا ایک مظہر تصور کیا جاتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ اس صورت حال کا واحد ماخذ روایتی معاشرہ نہیں ہے  بلکہ جدید لبرل اور سرمایہ دارانہ معاشرہ اس استحصال اور تذلیل کا سب سے اہم ذریعہ ہے ۔بدقسمتی سے اس طرف کسی کی توجہ نہیں ہے۔خواتین کو جن صورت حال کا سامنا ہے اس کی جڑیں صنعتی انقلاب اور اس کے بعد رونما ہونے والے حالات سے  متعلق ہیں۔صنعتی انقلاب کی وجہ سے جہاں طرز زندگیا اور بودو باش میں نمایاں تبدیلی ہوئی ہے وہیں صارفیت اور مادہ پرستی کے رجحان نے زندگی کو مشکل ترین بنادیا ہے۔توکل، صبراور قناعت کامیاب معاشرے کی کلید ہے ۔اب اس تصور کو ہی ختم کردیا گیا ہے۔ ریاکاری، خودنمائی ، دولت کی نمائش ہی معاشرے کی پہچان بن گئی۔سرمایہ دارانہ نظام اور جدید نیولبرل معاشی نظام میں مارکیٹ حکومت کے ہاتھ سے نکل کر کارپوریٹ کمپنیوں کے دائرہ اختیارات میں چلے جانے کے بعد سب سے زیادہ خواتین کا استحصال کیا گیا  ۔معیار زندگی کو بہتر بنانے کے نام پر خواتین پرتہر ا بوجھ ڈال دیا گیا۔روزی روٹی کمانے کی ذمہ داری، بچوں کی تربیت اور گھریلو ذمہ داری ۔ان ذمہ داریوں کے درمیان توازن قائم کرنے کی کوشش میں خواتین اندر سے ٹوٹتی چلی جارہی ہے اور آزادی و تحریک نسواں کے نام پر خواتین ان سب کو خوشی خوشی برداشت بھی کررہی ہے۔

    انسانیت سوز خودغرضی کا شکار نیولبرل معاشی نظام نے کبھی اس سوا ل پر غور ہی نہیں کیا کہ  صنف نازک روپیہ کمانے اور گھر کا انتظام کرنے کے دونوں کام کس طرح کرے گی؟ گھروں کی ذمہ داریوں کو نظرانداز کردینے کی وجہ سے کیا کیا مشکلات پیش آئیں گی اور خاندانی نظام کس طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکا ر ہوگا ۔ان تما م سوالوں کو آزاد خیالی کے دلکش نعروں پر مبنی ’’تحریک آزادی نسواں ‘‘ کے نام پر نظرانداز کردیا گیا ہے۔’عورتوں کی آزادی‘‘ کے نعرے کے نام پر یہ تاثر دیا گیا کہ خواتین کو گھر کی چاردیواری میں محصور رکھنا اس پر ظلم ہے۔ مرتبہ ومقام کے لحاظ سے عورت اور مرد میں کوئی فرق نہیں ہے۔ اُسے مردوں کے دوش بدوش ہر کام میں حصہ لینا چاہیے۔ حصولِ معاش کے معاملہ میں اسے مرد کا محتاج ہونے کی بجائے مستقل بالذات ہونا چاہیے۔دوسری طرف پیداوار میں اضافہ کے لیے  خواتین کا استعمال کیا گیا ہے۔ہرایک شے کے اشتہار میں خواتین کے جسم کا استعمال کیا گیا ۔ نسوانی حسن کو کاروباری مقاصد کے لیےاستعمال کیا جانے لگا۔اس کی بد ترین اور سب سے گھناؤنی شکل عریاں فلموں کی صنعت کی صورت میں سامنے آتی ہے جسے مغربی معاشروں میں باقاعدہ قانونی تحفظ حاصل ہے اور اس صنعت کا، جس سے بڑھ کر نسوانی تذلیل اور توہین انسانی تاریخ نے نہیں دیکھی ہوگی، زندہ رکھنے کے لیے غیر محفوظ اور نفسیاتی طور پر بے سہارا خواتین کو پھانسنے یا انھیں ترغیب وتحریص کے مختلف طریقوں سے اس پیشے میں لانے کے لیے استعمال ہورہا ہے۔مگر کبھی اس بات پر غور نہیں کیا گیا اس کے سماج پر کیا اثرات مرتب ہورہے ہیں۔انٹرنیٹ اور جدید ذرائع ابلاغ نے رہی سہی کسر پوری کردی۔ اخلاقیات سے عاری اس نظام میں مردو ں کے ذہن و دماغ پر خواتین اور ان کے جسم کو حاوی کردیا گیا ہے۔رہی سہی کسر تحریک نسوا ں کے علمبرداروں نے پوری کردی ہے۔دنیا بھر میں تحریک نسواں کی کارکنوں کا بنیادی مفروضہ یہ ہے کہ عورتوں کو اپنی جنس کی بنا پر کچھ نا انصافیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس نا انصافی کا علاج وہ ’’مساوات‘‘ کے نعرہ مستانہ میں ہے ۔خواتین کی فطری اور طبعی تقاضوں کو نظرانداز کرکے ہرشعبے میں مرد کے شانہ بہ شانہ کھڑا کرنا ہی تمام مسائل کا حل ہے۔

    ایک مشہور نسائی  دانش ور تھیریسا کوربن اسلام قبول کرنے کے بعدبا حجاب رنے لگیں ۔جب ان سے پوچھا گیا کہ ’’حجاب تو استحصال اور ظلم کی علامت ہے‘‘؟تھریسا نے دل چسپ جواب دیا: ’’ہاں، میں اسکارف پہنتی ہوں۔میرا اسکارف پشت پر میرے ہاتھ نہیں باندھتا۔ یہ کیسے میرے استحصال کا ذریعہ ہوسکتا ہے؟میرا اسکارف نہ دماغ میں خیالات کے داخلے میں کوئی رکاوٹ بنتا ہے اور نہ منہ سے اس کے اظہار کی راہ میں کوئی رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔ آج مجھے حیرت ہوتی ہے کہ میں ماضی میں کچھ ایسا ہی سمجھتی تھی۔میرا اسکارف البتہ مردوں کی ان ہوسناک نظروں کی راہ میں ضرور رکاوٹ بنتا ہے، جو عورت کے استحصال کی پہلی سیڑھی ہیں۔ یہ مجھے تحفظ اور احترام و عزّت عطا کرتا ہے… بلاشبہہ اسلام فیمی نسٹ تصورات سے ہم آہنگ نہیں ہے، لیکن فیمی نسٹ آئیڈیلز کی تکمیل کہیں ہوسکتی ہے تووہ صرف اسلام ہے۔ میری مراد یہ ہے کہ عورت کے وقار کی بحالی، تحفظ اور مقام‘‘۔

    آج اگر خواتین آسان ٹارگیٹ ہیں تو اس کی صرف ایک وجہ ہے وہ خواتین کی طبعیاتی اور فطری صلاحیتیوں کو نظرانداز کردینا ۔مساوات کے نعرے میں خواتین کے ساتھ انصاف جیسی بنیادی ضرورت کو نظرانداز کردیا گیا ہے۔نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کی رپورٹ سے اندازہ ہوتا ہے کہ بہت ہی کم معاملے میں خواتین کو انصاف فراہم کیا جاتا ہے۔اگر خواتین کیلئے معاشرے کو محفوظ بناناہے تو اس کیلئے دہرا رویہ ترک کرنا ہوگا۔آزادی کے نام پر بے حیائی، جنسی ہیجان اور بدقماشی کی ترویج کو بند کرناہوگا۔ہمارے ہاں حقوق نسواں کے علم برداروں کو یہ ظلم تو نظر آتا ہے کہ نابالغی کی عمر میں بچیوں کی شادیاں کر دی جاتی ہیں،لیکن یہ ظلم کسی کو محسوس تک نہیں ہوتا کہ کچی عمر کی بچیوں کو موبائل اور انٹرنیٹ کی سہولتیں دے کر مخلوط ماحول میں بھیجنے اور میڈیا کے متعارف کردہ کلچر کے زیر اثر مخالف صنف سے دوستی کے نام پر جذباتی، نفسیاتی اور بسا اوقات جسمانی استحصال کا شکار ہونے کے لیے بے یار ومددگار چھوڑ دینے کا رجحان کیا ستم ڈھا رہا ہے۔