Author: مدیر

  • ہند-افغانستان تعلقات:کیا برف پگھل رہی ہے؟

    ہند-افغانستان تعلقات:کیا برف پگھل رہی ہے؟

    جنوری میں ہندوستان کے خارجہ سکریٹری وکرم مسری اور افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی کی دبئی میں ملاقات کے بعد دونوں ممالک میں مزید قربت دیکھنے کو مل رہی ہے۔ ایسا محسوس ہورہا ہے کہ سال 2021 میں امریکہ اور ناٹو افواج کے افغانستان سے انخلاء کے بعد نئی دہلی کی افغانستان کے نئے حکمرانوں سے رشتے بنانے میں سردمہری میں اب کچھ کمی آرہی ہے۔ واضح رہے کہ افغانستان میں موجود طالبان حکومت کو ساڑھے تین سال گذرجانے کے بعد بھی دنیا کے کسی ملک نے باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا ہے اور ہندوستان بھی اسی صف میں شامل ہے۔ لیکن دسمبر 2023میں چین میں افغان سفارت خانہ میں طالبان کے تعینات کردہ سفیر نے چارج سنبھال لیا ۔ اور اس کے بعد یہ سلسلہ چل پڑا۔ ایک رپورٹ کے مطابق ستمبر2024 تک پوری دنیا میں طالبان کے پاس افغانستان کے 39 سفارت خانوں اور قونصلیٹ   کا کنٹرول تھا۔ اہم ممالک میں چین کے علاوہ روس، ایران، ترکی، قطر، ازبیکستان اور یو اے ای شامل ہیں۔ خبروں کے مطابق ایسا ہی کچھ ہندوستان میں بھی ہونے جارہا ہے۔ یعنی افغانستان کے نئے سفیر کی نئی دہلی میں تعیناتی جس کاتقرر طالبان کریں گے۔ بین الاقوامی خبررساں ادارہ بلومبرگ کی خبر کے مطابق ہندوستان نے نئے سفیر کی تعیناتی کے لیے ہامی بھر لی ہے لیکن نئی دہلی میں واقع افغانستان کے سفارت خانہ پر افغانستان کا پرانا جھنڈا ہی لگا رہے  گا اور اس کاسرکاری نام بھی وہی باقی رہے گا۔ واضح رہے کہ طالبان نے حکومت کا سرکاری نام امارت اسلامیہ افغانستان کردیا ہے۔

    نئی دہلی میں واقع افغان سفارت خانہ گزشتہ ایک سال کے زائد عرصہ سے غیر فعال ہے کیوں کہ سابق سفیرفرید ماموندزی ہندوستان چھوڑ کر کسی دوسرے ملک چلے گئے۔ انہوں نے الزام لگایا تھا کہ سفارت خانہ چلانے کے لیے ہندوستان کی وزارت خارجہ تعاون نہیں کررہی ہے اور فنڈ کی بھی قلت ہے۔ سفارت کاری کے تھوڑے بہت کام ممبئی اور حیدرآباد میں واقع قونصلیٹ سے ہور ہے تھے۔ ممبئی قونصلیٹ میں بھی نومبر 2024 میں طالبان کے ذریعہ منظور شدہ ڈاکٹر حافظ اکرام الدین کامل کو بحیثیت قونصل جنرل تعینات کیا گیا ہے۔اس سلسلہ کی تازہ کڑی دونوں ممالک کے  تہران میں واقع سفراء کی ملاقات ہے، جس میں انہوں نے باہمی امور اور تعاون پر تفصیلی بات چیت کی۔

    جنوری میں  افغانستان کے وزیر خارجہ اور ہندوستان کے خارجہ سکریٹری کی دبئی میں ملاقات کو اس سلسلے کا اہم سنگ میل سمجھا جارہا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان اب تک کی یہ سب سے اہم اور قابل ذکر پیش رفت ہے۔ ہندوستان کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان صحت، افغان پناہ گزینوں پکی امداد اورکاروبار کو فروغ دینے کے سلسلے میں بات چیت ہوئی ہے۔ کئی ترقیاتی منصوبے جو پچھلے تین سالوں سے بند ہیں، ہندوستان ان کو دوبارہ شروع کرنے پر غور کررہا ہے۔ دوسری طرف افغانستان کی وزارت خارجہ نے دبئی کی اس اعلیٰ سطحی ملاقات کے بارے میں کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان  ترقیاتی منصوبوں کو دوبارہ شروع کرنے، انسانی امداد فراہم کرنے اور ایران میں واقع چاہ بہار بندرگاہ کے ذریعہ تجارت کو فروغ دینے کے بار میں بات چیت ہوئی ہے۔ اس سے قبل نومبر 2024میں وزارت خارجہ کے جوائنٹ سکریٹری جیتندر پال سنگھ کی قیادت میں ایک وفد کابل کا دورہ کرچکا ہے۔ اس دورہ میں وفد نے افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی کے  علاوہ وزیر دفاع ملّا محمد یعقوب اور سابق صدر حامد کرزئی سے بھی ملاقات کی تھی۔ کابل میں واقع ہندوستانی سفارت خانہ بھی کچھ محدود اسٹاف کے ساتھ کام کررہاہے۔

    کابل میں حکومت کی تبدیلی کے بعد ہندوستان پھونک پھونک کرقدم رکھ رہا رہے۔ شروع میں ہندوستان کے سفارت کاروں اور پالیسی سازوں میں گومگوکی کیفیت بہت زیادہ تھی۔ ان کو آگے کنواں اور پیچھے کھائی دکھائی دیتی تھی۔ ایک خیال یہ تھا کہ طالبان سے کسی بھی قسم کا رشتہ رکھنا ان کو شہہ دینے کے مترادف ہے۔ ان کے ماضی کو دیکھتے ہوئے، ان سےکسی بھی قسم کی شراکت صحیح نہیں سمجھی جاتی تھی۔ واضح رہے کہ نوے کی دہائی میں طالبان کی حکومت کے مخالفین میں ہندوستان پیش پیش تھا اور 1999 میں ہندوستانی طیارہ کے اغوا ہونے کے بعد یہ مخالفت اور شدت اختیار کرگئی تھی۔ دوسرا خیال یہ تھا کہ ہندوستان کو دانشمندی اورعملیت پسندی  کا ثبوت دینا چاہیے اور اپنے ملکی مفادکوسامنے رکھ کر فیصلے کرنے چاہیے۔ بعض تجزیہ نگاروں کا بڑی شد ومد کے ساتھ یہ خیال تھا کہ افغانستان کے نئے حکمرانوں سے کوئی تعلق نہ رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ ہم ان کو پوری طرح پاکستان کے حوالے کردیں۔ پھر یہ ہوگا کہ ہندوستان کے بارے میں رائے قائم کرنے میں پاکستان ہی ان کا رہنما ہوگا۔ ظاہر ہے ہندوستان کے لیے یہ گھاٹے کا سودا تھا۔ لیکن اس وقت مشکل یہ تھی کہ پاکستان میں عمران خان کی حکومت تھی ۔ کہا جاتا ہے کہ طالبان اور عمران خان میں کافی قربت تھی۔ لیکن یہ سلسلہ ایک سال بھی نہیں چل سکا ۔یعنی ایک سال کے اندر اند ر ہی عمران خان کی حکومت چلی گئی اوراس کے بعد سے ہی پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے سے برسر پیکار ہیں۔ پاکستان کا الزام ہے کہ پاکستان میں پے درپے ہورہے دہشت گردانہ حملوں میں تحریک طالبان پاکستان کا ہاتھ ہے،جسے افغانستان میں پناہ حاصل ہے۔ طالبان اس  الزام کا انکار کرتے رہے ہیں۔ متعدد  اعلیٰ سطحی ملاقاتوں اور دوروں کے بعد بھی یہ مسئلہ ہنوز حل طلب ہے۔ اس  کےعلاوہ سرحد اور ڈیورانڈ لائن کا تنازعہ پھر سے زور پکڑنے لگا اور اب تک متعدد بار دونوں ممالک کی فوجوں میں جھڑپیں ہوچکی ہیں جس میں فوجیوں اور عوام کی ہلاکت کی بھی خبریں ہیں۔ پاکستان نے سخت سردی کے موسم میں لاکھوں افغان مہاجرین کو ملک بدر کرنے کافرمان بھی جاری کردیا اور اس سے رشتوں میں اور تلخی آگئی۔ دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کے نام پر پاکستانی فوج نے افغان سرحد کے اندر آپریشن کیا، جس نے جلتی پر تیل کا کام کیا۔ ایسا ہی ایک آپریشن چند ماہ قبل جنوری میں ہوا جس کی ہندوستان نے بھی مذمت کی اور اس کے چند دن بعد افغان وزیر خارجہ کی ہندوستانی خارجہ سکریٹری سے دبئی میں ملاقات ہوئی۔

    چین

    حالیہ ہند-افغانستان تعلقات میں ایک دوسرا اہم عنصر چین ہے۔ چین پہلا ملک ہے جس نے 2021 کے بعد طالبان کے تقرر کردہ سفیر کو بیجنگ میں واقع افغانستان سفارت خانے میں قبول کیا۔ ہندوستان اور چین کے رشتے کئی دہائیوں سے مخاصمانہ  ہیں ۔ ہندوستان اپنے پڑوسی ممالک میں چین کے بڑھتے عمل دخل کو شک وشبہے کی نظر سے دیکھتا رہا ہے۔ واقعہ یہ ہے کہ چین ایسا واحد ملک ہے جس سے فی الحال افغانستان کے تعلقات کافی مضبوط ہیں۔ چین اپنے عظیم ترقیاتی منصوبہ بیلٹ اینڈروڈ انیشیٹیو میں افغانستان کو شامل کرنا چاہ رہا ہے جس کی افغانستان نے بھی ہامی بھرلی ہے۔ افغانستان کی سرزمین معدنی ذخائر سے مالا مال ہے۔ چین کی خواہش ہے کہ ان ذخائر کو نکالنے اور ان کو قابل استعمال بنانے کا کام اسے مل جائے۔ گزشتہ دوسال میں اس بابت دونوں ممالک کے درمیان متعددسمجھوتے بھی ہوئے ہیں۔ چین اور افغانستان کی سرحدیں بھی ملتی ہیں۔ چین  کے صوبہ شنچیانگ  سے افغانستان کے صوبہ بدخشان تک زمینی راستہ بھی موجود ہے۔ شنچیانگ میں حکومت مخالف سرگرمیوں کے حوالے سے چینی حکومت کو کافی تشویش رہی ہے۔ حکومت مخالف گروپوں کے ماضی میں افغانستان میں پناہ اور تربیت لینے کے الزامات بھی سامنے آتے رہے ہیں ۔ افغانستان سے امریکہ اور ناٹو کے انخلاء کے بعد چین نے پوری کوشش کی کہ وہ افغانستان میں اپنا اثر ورسوخ قائم بڑھائے جو کہ اس کے لئےاقتصادی اور اسٹریجک تناظر میں بہت اہم ہے۔ لہذا چین پوری کوشش اور تندہی سے افغانستان میں اپنے پیر جمانے میں مصروف ہے اور یہ ہندوستان کے لیے ایک درد سر ہے۔

    بھارت کی افغانستان میں سرمایہ کاری اور ترقیاتی پروجکٹ:

    سال 2001 میں افغانستان پر امریکی حملہ اور طالبان کی حکومت کے خاتمہ کے بعد سے ہندوستان افغانستان کے مختلف ترقیاتی منصوبوں میں شامل رہا ہے۔ بیس سال کے اس عرصہ میں ہندوستان نے  امدادی اور ترقیاتی کاموں میں تین بلین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی ہے اور 500 سے زائد ترقیاتی پروجکٹ مکمل کیے ہیں۔ اہم ترقیاتی منصوبوں میں سلمیٰ ڈیم، افغان پارلیمنٹ بلڈنگ کے علاوہ توانائی، پانی کی فراہمی، سڑکوں کی تعمیر، صحت، تعلیم، زراعت اور استعدادِ کار میں اضافے جیسے اہم شعبے شامل ہیں۔

    افغانستان بھارت کا اہم تجارتی شراکت دار رہا ہے۔ طالبان کی حکومت بننےکے بعد اس میں کچھ رکاوٹ آئی ہے لیکن اب پھر تجارتی حجم بڑھ رہا ہے۔ سال 2023-24میں دونوں ممالک کے درمیان  650 ملین ڈالر کی تجارت ہوئی ہے جس میں  ہندوستان نے افغانستا ن کو برآمد کی بہ نسبت زیادہ سامان درآمد کیا ہے۔ سال 2019-20 میں یہ تجارت تقریبا ایک بلین ڈالر تھی۔

    اس کے علاوہ 15ہزارسے زائد افغانی ہندوستان میں بحیثیت پناہ گزیں مقیم ہیں۔ بیس سالوں میں ہزاروں افغانی طلبہ وطالبات حکومت ہند کی اسکالرشپ پر یہاں تعلیم حاصل کرچکے ہیں۔ 2021 سے قبل افغانی مریضوں کی ایک بڑی تعداد دہلی، ممبئی، بنگلور وغیرہ کا علاج کے لیے رخ کرتی رہی ہے، جو اب ویزا میں ہورہی دشواریوں کی وجہ سے تعطل کا شکار ہے۔

    دسمبر 2023 میں پارلیمنٹ میں ایک سوال کے تحریر ی جواب میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بتایا کہ کابل میں ہندوستانی سفارتخانے کے اہلکار طالبان کے قبضے کے بعد ہندوستان واپس آگئے تھے،  تاہم جون 2022 سے ایک ہندوستانی تکنیکی ٹیم کابل کے سفارت خانے میں تعینات ہے، جو انسانی امداد اور دیگر امور میں سرگرم عمل ہے۔

    ہندوستان نے انسانی بنیادوں پر افغانستان کو 50 ہزار میٹرک ٹن 250 ٹن طبی امداد اور 28 ٹن زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان بھیجا ہے۔ ہندوستان نے افغانستان میں اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم (UNODC) کے ساتھ شراکت داری کرکے، منشیات کے عادی افراد، خصوصاً خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے امداد فراہم کی ہے، جس میں  2022 سے اب تک گیارہ ہزار یونٹس پر مشتمل حفظانِ صحت کے کٹس، بچوں کی غذائی اشیا، کمبل، لباس، طبی امداد اور دیگر سامان کابل میں UNODC کو فراہم کیا ہے۔

    وزیر موصوف نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ افغان طلبہ کے لیے انڈین کونسل فار کلچرل ریلیشنز (ICCR) نے اسکالرشپ اسکیم جاری رکھی ہے۔ اگست 2021 کے بعد سے، ICCR نے 3000 سے زائد افغان طلبہ، بشمول 600 افغان طالبات، کو داخلہ دیا ہے۔ افغانستان میں مقیم طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کے مواقع کو مزید قابلِ رسائی بنانے کے لیے، ICCR نے اس تعلیمی سال میں ای-ودیا بھارتی پورٹل کے ذریعے 1000 افغان طلبہ کے لیے ہندوستانی یونیورسٹیوں میں آن لائن اسکالرشپ اسکیم بھی متعارف کرائی، جس کے تحت 30 فیصد داخلے طالبات کو دیے گئے۔ علاوہ ازیں، بھارت نے افغان نیشنل ایگریکلچرل سائنس اینڈ ٹیکنیکل یونیورسٹی (ANASTU) کے ساتھ اپنی شراکت کو برقرار رکھتے ہوئے زرعی تعلیم کے شعبے میں افغان طلبہ کے لیے آن لائن اسکالرشپ کی پیشکش جاری رکھی ہے۔ ہندوستان میں افغانستان کے سفارتی مشن اور ممبئی و حیدرآباد میں افغان قونصل خانے بدستور فعال ہیں۔ گزشتہ دو سالوں کے دوران کچھ افغان سفارت کار تیسرے ممالک میں رہائشی اجازت نامہ حاصل کر کے ہندوستان سے جا چکے ہیں، تاہم ہندوستان میں مقیم افغان سفارت کار افغانستان کے سفارتی امور کی ذمہ داری سنبھالے ہوئے ہیں۔

    سیکورٹی سے متعلق خدشات:

    افغانستان میں طالبان کی واپسی سے ہندوستان سمیت کئی ممالک کو ملکی سیکورٹی کے حوالے سے بھی خدشات لاحق ہیں۔ ان سالوں میں طالبان نے متعدد بار یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔ اور ان چند سالوں میں بھی پاکستان کے علاوہ  کسی اور ملک نے افغانستان پر کوئی الزام عائد نہیں کیا ہے۔ سیکورٹی کے حوالہ سے ایک دوسرا چیلنج افغانستان میں اسلامک اسٹیٹ  کی موجودگی ہے۔ اسلامک اسٹیٹ کی خراسان شاخ نے گزشتہ چند سالوں میں افغانستان میں متعدد دھماکوں  کی ذمہ داری قبول کی ہے جس میں کئی سینئر حکومتی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔

    واقعہ یہ ہے کہ افغانستان  اور بھارت کے درمیان تعلقات  کی نوعیت بہت نازک ہے۔ نازک اس لیے کہ ہندوستان  گوناگوں وجوہات کی بنا پر کھل کر نہ تو اس سے مضبوط رشتہ استوار کر پارہا ہے اور نہ ہی خود کو اس سے الگ کرسکتا ہے۔ نئی دہلی میں بیٹھے پالیسی ساز اور سیاست داں اسی گومگو کی کیفیت سے دوچار ہیں۔ البتہ دوسرے ممالک کی دیکھا دیکھی اور پاکستان سےا فغانستا ن کے کشیدہ تعلقات کی وجہ سے بھارت کی سرد مہری کچھ کم ضرور ہوئی ہے ۔ اب ہندوستان کو تعلقات کی استواری اور استحکام پر توجہ دینی چاہیے۔ اسی صورت میں وہ اپنے ملکی مفادات کا تحفظ بھی کرسکتا ہے اور یہ اپنے ملک اور افغان عوام دونوں کے لیے مفید بھی ہوسکتاہے۔

  • نیا وقف قانون: مسلمانوں کے حقوق پر شب خون

    نیا وقف قانون: مسلمانوں کے حقوق پر شب خون

    افتخار گیلانی

    غالباً 2018 میں جب جموں و کشمیر کے گورنر نریندر ناتھ ووہرا کی مدت ختم ہو رہی تھی دہلی میں ان کے ممکنہ جانشین کے بطور ریٹائرڈ لیفٹنٹ جنرل سید عطا حسنین کا نام گردش کر رہا تھا۔ جنرل حسنین جو سرینگر میں موجود فوج کی چنار یا 15 ویں کور کے کمانڈر رہ چکے تھے، کے کشمیر میں بطور گورنر کی ممکنہ تعیناتی پر میں چونک سا گیا تھا۔ان ہی دنوں انڈیا انٹرنیشنل سینٹر میں سر راہ ملاقات کے دوران میں نے ان سے پوچھا کہ اس خبر کا ماخذ کیا ہے؟ تو ان کا کہنا تھا کہ نہایت ہی اعلیٰ ذرائع سے ان کو بتایا گیا ہے کہ وہ اس عہدے کے لیے تیار رہیں۔میں نے ان سے کہا، چاہے وہ کتنے ہی سیکولر کیوں نہ ہوں، ان کا نام مسلمانوں جیسا ہے، اس لیے وہ اس عہدہ کے تقاضوں پر پورے نہیں اترتے ہیں۔ اب ان کے چونکنے کی باری تھی۔میں نے بتایا کہ جموں و کشمیر کا گورنر ویشنو دیو ی شرائن بورڈ اور امرناتھ شرائن بورڈ کا چیئرمین بھی ہوتا ہے۔ان دونوں تیرتھ استھانوں کے ایکٹ میں واضح طور پر درج ہے کہ اس کا چیئرمین ایک ہندو ہی ہوسکتا ہے۔ یہی ہوا کہ چند رو ز بعد ایک ہندو ستیہ پال ملک کو گورنری کی دستار تفویض کی گئی۔ یعنی ایک مسلم اکثریتی خطہ ہونے کے باوجود جموں و کشمیر کا گورنر یا لیفٹنٹ گورنر مسلمان نہیں ہوسکتا ہے، کیوں کہ  وہ ہندو استھانوں کے انتظام و انصرام کا ذمہ دار بھی ہوتا ہے۔

    ستم ظریفی دیکھیے ابھی حال ہی میں ہندوستانی پارلیمنٹ  نے سو سال قدیم مسلم وقف قانون کو رد کرکے ایک نیا قانون پاس کرکے اس میں یہ لازم قرار دیا کہ مرکزی وقف کونسل اور ریاستی وقف بورڈذ کے بیشتر اراکین غیر مسلم ہونے چاہیے۔سابقہ قانون کے تحت دونوں اداروں کے تمام اراکین کا مسلمان ہونا ضروری تھا۔اب اس میں غیر مسلم اراکین کی لازمی شمولیت متعین کر دی گئی ہے۔ یہاں تک کہ مرکزی وقف کونسل میں 22 میں سے 12 اراکین غیر مسلم ہو ں گے اور ریاستی وقف بورڈز میں 11 میں سے 7 اراکین غیر مسلم ہو سکتے ہیں۔چار مسلم اراکین میں دو خواتین کا ہونا لازمی ہے۔ان اراکین اور چیئرمین کو اب حکومت نامزد کرےگی۔ نیز ریاستی وقف بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا بھی مسلمان ہونا ضروری نہیں ہے۔وقف جائیدادوں کے تنازعوں کا نپٹارا کرنے کے لیے قائم وقف ٹربیونل میں مسلم ماہر قانون کی موجودگی لازمی ہوتی تھی۔اب ٹربیونل صرف ایک موجودہ یا سابقہ ڈسٹرکٹ جج اور ایک ریاستی افسر پر مشتمل ہوگا۔ مہاراشٹرا میں شری سائی بابا ٹرسٹ کا قانون کہتا ہے کہ جو افسر وہاں کام کرے گا اسے سائی بابا کا عقیدت مند ہونا چاہیے اور اسے ڈیکلریشن دینا پڑتا ہے۔اسی طرح دیگر ہندو یا دیگر مذاہب کے مٹھوں یا عبادت گاہوں کے انتظام و انصرام کےلیے اسی مذہب کا ہونا لازمی ہے، تاکہ وہ دل و جان اور عقیدہ کے ساتھ اس ادرارے کی خدمت کرسکے۔

    یہ نیا قانون اس قدر ظالمانہ حد تک متعصبانہ ہے کہ اس کی ایک اور شق کے مطابق اب صرف ایسا شخص ہی وقف یا اسلامی مذہبی و فلاحی مقاصد کے لیے زمین یا جائیداد عطیہ کر سکتا ہے، جو کم از کم پانچ سال سے با عمل مسلمان ہونے کا ثبوت پیش کرے گا۔ وہ دینداری کا ثبوت کیسے فراہم کرے گا اس کی کوئی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔ کیا کسی سند کی ضرورت ہوگی یا علماء کی تصدیق درکار ہوگی؟ اور یہ فیصلہ کون کرے گا کہ وہ پچھلے پانچ سال سے باعمل مسلمان ہے یا اسلام پر عمل پیرا ہونے کا معیار کیا ہے؟

    یعنی یہ قانون غیر مسلموں کو وقف بورڈز میں شامل ہونے اور اس کا انتظام و انصرام چلانے کی اجازت دیتا ہے، مگر اگر وہ وقف کے کاموں کے لیے عطیہ دینا چاہیں گے، تو اس کی اجازت نہیں دیتا ہے۔تنگ نظری اور تعصب کی عینک پہن کر بنایا گیا یہ قانون تضادات کا عجیب مجموعہ ہے۔ اسی طرح اگر کوئی متولی وقف جائیداد بیچتا ہے تو پہلے دو سال کی سزا تھی،اس کو اب چھ ماہ کر دیا گیا ہے۔

    پہلے یہ جرم ناقابل ضمانت تھا، اس کو قابل ضمانت بنا دیا گیا ہے۔اگر کسی جائیداد پر حکومت اور وقف بورڈ کا تنازعہ ہے، تو اب وہ وقف نہیں مانی جائے گی۔ کلکٹر ایسے معاملات میں اپنی رپورٹ ریاستی حکومت کو دے گا اور مالکانہ ریکارڈ میں تبدیلی کرے گا۔

    دارالحکومت دہلی کے سینٹرل گورنمٹ آفس کمپلکس کا بیشتر حصہ یعنی خفیہ ایجنسی راء سمیت سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن سمیت کئی سرکاری اداروں کے صدر دفاتر جو وقف کی زمینوں پر تعمیر کیے گئے ہیں، اب ہمیشہ کے لیےوقف کی دسترس سے باہر ہو گئے ہیں۔

    ایک بار انٹرویو کے دوران مسلم لیڈر اور بابری مسجد ایکشن کمیٹی کے رکن مرحوم جاوید حبیب نے مجھے کہا تھا کہ بابری مسجدکی شہادت کا سانحہ اس خطے کی جدید تاریخ کے پانچ بڑے واقعات میں سے ایک ہے۔پہلا 1857ء کی جنگ آزادی، دوسرا 1920ء میں مہاتما گاندھی کی قیادت میں کانگریس کا نیا آئین اور سوراج کا مطالبہ، تیسرا 1947ء میں تقسیم ہند اور آزادی، چوتھا 1971ء میں بنگلہ دیش کا وجود میں آنا‘اور پانچواں 1984ء میں سکھوں کی مقدس عبادت گاہ گولڈن ٹمپل پرحملہ اور 1992ء میں بابری مسجد کا انہدام‘ جو دراصل اعتماد کا انہدام تھا۔اگر وہ زندہ ہوتے تو ریاست جموں و کشمیر کی 2019میں خصوصی حیثیت کے خاتمہ اور اب 2025میں صدیوں سے مسلمانوں کی طرف سے وقف کی گئی زمینوں، جائیدادوں، جن سے مساجد، مدرسے اورمتعدد تعلیمی اور رفاہی  ادارے چلتے ہیں، کے مالکانہ حق پر شب خون مارنے، کو بھی اس فہرست میں شامل کردیتے۔

    بقول سابق رکن پارلیمنٹ  محمد ادیب بابری مسجد  کا معاملہ تو بس ایک عبادت گاہ کا معاملہ تھا، اس نئے وقف قانون سے  اب تو ہندوستان کی سبھی مساجد و درگاہوں کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔

    پچھلی دو دہائیوں سے سکھ اکثریتی صوبہ پنجاب سے اکثر خبریں آتی تھیں کہ مقامی سکھ خاندان یا کسان اپنے علاقوں میں1947سے غیر آباد مساجد کو دوبارہ آباد کرانے یا نئی مساجد بنانے کے لیے اپنی زمینیں بطور عطیہ دے رہے ہیں۔ اس طرح کے کم و بیش دو سو سے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔چونکہ اس صوبہ میں مسلم آبادی ہی ایک فیصد سے کم ہے، اس لیے مسلمان ا ن مساجد کو آباد کر ہی نہیں سکتے ہیں، کیوں کہ  اکثر دیہی علاقوں میں دور دور تک ان کی آبادی ہی نہیں ہے ۔ رواں برس کے اوائل میں ہی ضلع مالیرکوٹلہ کے ایک گاؤں عمرپورہ میں سکھجندر سنگھ نونی اور ان کے بھائی اوینندر سنگھ نے مسجد کی تعمیر کے لیے کئی ایکڑ زرعی زمین وقف کر دی۔

    ا ن کا کہنا تھا کہ چونکہ ان کے گاؤں میں آباد مسلمان گھرانوں کے پاس عبادت کے لیے کوئی مسجد نہیں تھی، اس لیے انہوں نے اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے یہ زمین عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ دیگر سکھوں تجونت سنگھ اور رویندر سنگھ گریوال نے مسجد کی تعمیر میں مالی معاونت فراہم کی۔وہ ریاست جہاں مسلمانوں کی آبادی محض 1.9 فیصد ہے اور جہاں 1947 میں خونریز فسادات ہوئے تھے، اب ایک خاموش انقلاب، یعنی فرقہ وارانہ رواداری کی نقیب بنی ہوئی ہے ۔اسی طرح جٹوال کلاں نامی سکھ اکثریتی گاؤں میں، جہاں مشکل سے درجن بھر مسلم گھرانے آباد ہیں، ایک نئی مسجد تقریباً مکمل ہو چکی ہے۔ یہ سب سکھوں کی زمین اور مالی عطیات کی بدولت ممکن ہوا۔

    اب نئے وقف قانون کی رو سے پنجاب میں سکھ خاندانوں کی جانب سے مسلمانوں کے لیے عطیہ کی گئی سینکڑوں زمینیں کاالعدم یا غیر قانونی قرار پائیں گی۔ایک سکھ سرپنچ کے مطابق اگر یہ قانون پہلے سے نافذ ہوتا تو وہ مسجد بنانے میں مدد نہیں کرسکتے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ صرف عطیہ کا نہیں، بلکہ مشترکہ زندگیوں کا ہے اور حکومت ایسی یکجہتی کی راہ میں کیسے رکاوٹ ڈال سکتی ہے۔

    اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان میں وقف کی 8لاکھ72ہزار جائیدادیں ہیں، جن میں زرعی اور غیر زرعی زمینیں، ایک لاکھ سے زائد مساجد، مکانات اور تیس ہزار کے قریب درگاہیں شامل ہیں۔ جن میں سے 7 فیصد پر قبضہ ہے، 2 فیصد مقدمات میں ہیں اور 50 فیصد کی حالت نامعلوم ہے۔ 2013میں منموہن سنگھ کی قیادت میں کانگریسی حکومت نے وقف پراپرٹی پر قبضوں کے خلاف جو سخت قانون بنایا تھا، اس کی وجہ سے21 لاکھ ایکڑ کی زمین واگزار کرائی گئی تھی۔

    اس طرح وقف کی ملکیتی زمینیں 18لاکھ ایکڑ سے 39لاکھ ایکڑ تک بڑھ گئی تھیں۔ ہندو فرقہ کو متحد کرنے کے لیے ایک پروپیگنڈہ کیا گیا کہ مسلمانوں نے زمینوں پر قبضہ کیا ہوا ہے اور ساتھ ہی یہ ابہام بھی پھیلایا گیا کہ ہندوستان میں ریلوے اور محکمہ دفاع کے بعد سب سے زیادہ جائیداد وقف کی ہے۔حالانکہ سچ یہ ہے کہ صرف چار ریاستوں تامل ناڈو، آندھرا پردیش، تلنگانہ اور اڑیسہ میں ہندو مٹھوں و مندروں کے پاس 10لاکھ ایکڑ اراضی ہے۔ اگر اس میں دیگر ریاستیں، خاص طور پر شمالی ہندوستان کی اترپردیش اور بہار کو شامل کیا جائے تو یہ وقف کے پاس موجود اراضی سے کئی گنا زیادہ ہوں گی۔ اسی طرح مسیحی برادری بھی ہر شہر میں پرائم پراپرٹی کی مالک ہے۔

    سیاسی تجزیہ کار سنجے کے جھا نے دی وائر میں لکھا کہ یہ قانون دراصل فرقہ وارانہ شکوک پیدا کرنے کی بڑی سازش کا حصہ ہے، جسے حکومت عوام کی بھلائی کے نام پر پیش کر رہی ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی حکومت کا یہ دعویٰ کہ اس نے وقف بل مسلمانوں کی فلاح کے لیے لایا ہے، آزاد ہندوستان کی تاریخ کا بدترین سیاسی فریب ہے۔اس جھوٹ کو بیچنے کا جو حوصلہ حکومت نے دکھایا ہے وہ ناقابل یقین ہے۔ان کا مقصد مسلمانوں کو تنہا اور الگ تھلگ کرنا ہے۔ اس قانون کے اثرات پنجاب سے کہیں آگے تک ہیں۔ پورے ہندوستان میں اب بین المذاہب خیرات شک کی نگاہ سے دیکھی جاے گی۔کوئی ہندو یا سکھ اگر کسی مسلم وقف ادارے کو عطیہ دینا چاہے تو پہلے اُسے مذہب تبدیل کرنا ہوگا اور پانچ سال انتظار کرنا پڑے گا۔ یوں خیرات کا جذبہ سرکاری دھندلکوں میں الجھ کر رہ جائےگا۔

    ایسی حکومت، جس کے پاس ایک بھی مسلم رکن پارلیمنٹ  نہیں، مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے راگ الاپتی ہے، جبکہ اس کا سیاسی ڈھانچہ نفرت انگیز تقاریر، حاشیے پر ڈالنے والی پالیسیوں اورمسلمانوں کو قانونی جال میں جکڑنے کی مہم چلا رہا ہے۔عمر پورہ اور جٹوال کلاں جیسے دیہاتوں میں سکھ اور مسلمان آج بھی مل کر بستیاں بساتے ہیں۔ مگر قانون کی نظر میں اب ان کی محبت اور بھائی چارہ قابلِ گرفت بھی ہو سکتی ہے۔

    اسی طرح اب کسی بھی زمین کو وقف تسلیم کرنے کے لیے اس کی باضابطہ رجسٹریشن اور متعلقہ دستاویزات درکار ہوں گی۔

    اب اگرسلاطین، تغلق یا مغل دور میں کوئی زمین وقف ہوئی ہو، اس کے دستاویزات کہاں سے لائیں جائیں گے۔ جموں و کشمیر وقف بورڈ کے اعداد و شمار کے مطابق، اس کے زیرِ انتظام 3300 جائیدادیں تقریباً 32000 کنال (تقریباً 4000 ایکڑ) زمین ہے۔تاہم ایک بڑا حصہ—خصوصاً خانقاہیں، امام بارگاہیں، لنگر گاہیں اور قبرستان—ابھی تک غیر دستاویزی یا جزوی طور پر رجسٹرڈ ہیں۔

    دیہی کشمیر میں ان مقامات کی بنیاد کئی نسلیں پہلے رکھی گئی تھی، اور انہیں رسمی قانونی طریقہ کار کے بجائے کمیونٹی کے مسلسل استعمال کے ذریعے سند حاصل ہوئی تھی۔ ”استعمال کے ذریعے وقف“ یعنی ”وقف بائی یوزر“کی شق کے خاتمے کے بعد، یہ مقامات اب دوبارہ درجہ بندی، تنازعے یا حتیٰ کہ دوبارہ استعمال کے خطرے سے دوچار ہو سکتے ہیں۔ قانونی تحفظ، جو کبھی تسلسل اور اجتماعی یادداشت سے حاصل ہوتا تھا، اب مکمل طور پر تحریری دستاویزات پر منحصر ہو گیا ہے۔

    تاریخی طور پر کشمیر میں —جیسے کہ برصغیر کے بیشتر حصوں میں —مذہبی اور فلاحی زمینیں اکثر باہمی اعتماد اور زبانی معاہدوں کی بنیاد پر قائم ہوتی تھیں۔ جہاں بزرگ کسی درخت تلے نماز پڑھنے بیٹھتے، وہاں مسجد وجود میں آجاتی؛ جہاں کسی گاؤں کے پہلے شہید کو دفنایا جاتا، وہاں قبرستان بن جاتا؛ اور جہاں کوئی صوفی اپنی جائے نماز بچھاتا، وہاں خانقاہ کی بنیاد پڑتی۔’استعمال کے ذریعے وقف’ کا اصول ایسے مقامات کو قانونی حیثیت دیتا تھا، چاہے کوئی تحریری ثبوت موجود نہ ہو۔نیا قانون محض کوئی سرکاری ضابطے کی تبدیلی نہیں بلکہ ایک گہری تہذیبی تبدیلی ہے۔

    کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بے شمار قبرستان، خانقاہیں اور دینی مدارس مقامی افراد، محلوں یا گاؤں کی کمیٹیوں کے ذریعے چلائے جا رہے ہیں، جن کے پاس کوئی تحریری دستاویزات نہیں، مگر خدمت کے طویل اور بے داغ ریکارڈ ضرور ہیںنیا قانون ان جائیدادوں پر ریاستی اداروں یا نجی ترقیاتی منصوبوں کے قبضے کا راستہ ہموار کر سکتا ہے، خصوصاً جدید کاری یا شہری منصوبہ بندی کے نام پر۔دفعہ 370 کی منسوخی اورمرکزی انتظام کے بعد، اس اقدام کو کشمیر کے مزید ذہبی، ثقافتی اور سیاسی زوال کا حصہ سمجھا جا رہا ہے۔کبھی ان جائیدادوں کا محافظ سمجھے جانے والا جموں و کشمیر وقف بورڈ اب بے دست و پا نظر آتا ہے۔

    وقف ترمیمی قانون کی منظوری نے اتر پردیش میں تقریباً 98 فیصد وقف جائیدادوں کو غیر یقینی صورت حال سے دوچار کر دیا ہے۔وقف کی پوری جائیدادوں کا 27فیصد حصہ اسی صوبہ میں ہے۔ ان میں سے ایک بڑی تعداد اب تک ریونیو ریکارڈز میں درج نہیں ہے۔

    نئے قانون کے تحت وقف جائیدادوں کے فیصلے کا اختیار وقف بورڈ سے منتقل ہو کر ضلع مجسٹریٹ کے پاس اب ہوگا، جو زرعی سال 1359ھ (1952ء) کے ریونیو ریکارڈز کی بنیاد پر فیصلہ دیں گے۔ ترمیم کا اطلاق ان 57792 سرکاری جائیدادوں پر ہو گا، جو مختلف اضلاع میں پھیلی ہوئی ہیں اور مجموعی طور پر 11712 ایکڑ پر محیط ہیں۔

    تیس سے زائد مسلم دانشورپر مبنی ایک گروپ، جن میں سابق بیوروکریٹ، یونیورسٹی اساتذہ، قانون دان، سیاستدان وغیرہ شامل ہیں نے ایک مشترکہ بیان میں شکایت کی ہے کہ پارلیمنٹ  کی طرف سے وقف ایکٹ کی منظوری نے مسلم کمیونٹی کو مایوس اور الگ تھلگ کر دیا ہے۔ان کے مطابق آئین ہند میں دیے گئے ان کے آئینی حقوق نظر انداز کر دیے گئے ہیں۔ اس عمل نے مسلم نوجوانوں میں بیگانگی کا احساس پیدا کیاہے، جو اب اپنے ملک کے سیاسی منظرنامے میں اپنی جگہ کے بارے میں سوالات اٹھا رہے ہیں۔اس گروپ میں جس میں کئی سابق اعلیٰ فوجی افسران، جیسے لیفٹنٹ جنرل ضمیر الدین شاہ، سابق پولیس سربراہ محمد وزیر انصاری شامل ہیں، کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات دل دہلا دینے والے ہیں اوران کے آباء و اجداد کے وژن کے بالکل برعکس ہیں، جنہوں نے جامع مشترکہ قومیت کا تصور کیا تھا جہاں تمام اقوام ہم آہنگی کے ساتھ رہ سکیں گی۔

    حیدر آباد کے ممبر پارلیمنٹ  اور آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی کے مطابق یہ وقف ترمیمی ایکٹ ہندوستان کے مسلمانوں کے ایمان اور عبادت پر ایک حملہ ہے۔پارلیمنٹ  میں اپنی تقریر میں انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی حکومت نے اس ملک کی سب سے بڑی اقلیت کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ہے اور یہ جنگ آزادی، سماجی و معاشی سرگرمیوں اور شہریت پر ہے تو تھی ہی، اب مدارس، مساجد، خانقاہوں اور درگاہوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

    ہندو، سکھ، جین اور بدھ مت کے ماننے والوں کی وقف کی گئی جائیدادوں کا تحفظ برقرار رہےگا، کیوں کہ  ان کے قوانین کو تحفظ حاصل ہے اور ان کا انتظام خود ان کے ہاتھوں میں ہے۔ کوئی بھی غیر مذہب ا ن کے لیے عطیہ دے سکتا ہے اور ان کے انڈومنٹس کا تحفظ ہوگا۔ان پر لاء آف لمیٹیشن کا اطلاق نہیں ہوگا۔اویسی کا کہنا تھا کہ مسلمانوں سے وقف بائی یوزر چھینا گیا ہے، مگر دیگر مذاہب کے ماننے والوں کے لیےچھوٹ ہے۔ ہندو، بدھ، سکھ مذاہب کو منقولہ و غیرمنقولہ جائیداد کو حاصل کرنے اور اس کے انتظام کا حق حاصل ہے، مگر صرف مسلمانوں سے یہ حق چھینا گیا ہے۔

    دہلی میں 271 وقف جائیدادیں محکمہ آثار قدیمہ کے کنٹرول میں ہیں۔ یہ جائیدادیں اب عملی طور پر مسلمانوں کے ہاتھوں سے نکل گئی ہیں، کیوں کہ  ان کی پاس ان کے مالکانہ حقوق کے دستاویزی ثبوت موجود نہیں ہیں۔

    اس میں شمالی ہندوستان کی سب سے پہلی قطب الدین ایبک کی تعمیر کردہ تاریخی مسجد قوت الاسلام بھی ہے، جو قطب مینار کے بغل میں واقع ہے۔چونکہ تنازعہ کی صورت میں حکومت کے ہی افسر کو فیصلہ کرنا ہے، اسی لیے ایسی صورتوں میں جہاں تنازعہ حکومت کے کسی محکمہ کے ساتھ ہے، تو اس پراپرٹی کا خدا ہی حافظ ہے۔ وقف بائی یوزر میں جب کوئی افسر کہہ دے گا کہ یہ وقف کی جائیداد نہیں ہے، تو وقف بورڈ خاموش بیٹھ جائے گا اور کوئی کارروائی نہیں کرے گا،کیوں کہ  ان کے چیئرمین حکومت کے نامزد کردہ ہوں گے۔

    اس قانون کے ذریعے شاید مسلمانوں کو بتایا گیا ہے کہ ان کی حالت ایسی ہوچکی ہے جیسے جنگل میں چرواہا بکریوں کو چھوڑ کر بھاگ گیا ہے اور ان کی دیکھ بھال بھیڑیوں کے سپرد کر دی گئی ہے، جو اس کو شیر سے بچانے کے نام پر خود نوچ رہے ہیں۔

    بتایا جاتا ہے کہ وسط ایشیاء پر روس کے قبضے کے بعد سب سے پہلے اوقاف ضبط کیے گئے تھے، تاکہ مساجد اور مدرسوں کے وسائل کو ختم کیا جائے۔ جب عوام نے چندہ جمع کرکے مسجدیں چلانا شروع کیں، تو چند ہ ٹیکس لگایا گیا۔

    لوگوں نے اب گھروں میں نمازیں ادا کرنا شروع کیں، مساجد ویران ہوگئیں۔ مقامی کمیونسٹ پارٹی کے یونٹ قرار دار پاس کرتے کہ مسجد ویران ہے، اس لیے اس کو رفاہی  کاموں کے لیے مختص کیا جائے۔ اس طرح مسجدکو شہید کروایا جاتا اور کسی اور تصرف میں لایا جاتا۔

    ایک چیز خوش آئند ہے کہ ہندوستانی مسلم زعما کو یہ بات سمجھ میں آگئی ہے کہ ان کو کنارے لگایا گیا ہے۔ ورنہ جب ان سے درخواست کی جاتی کہ کشمیر میں ہورہے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر کچھ ہونٹ تو ہلائیں، تو ان کے منہ کا ذائقہ خرا ب ہوجاتا تھا۔سال 2019 میں جب خصوصی حیثیت ختم کر دی گئی، تو جمعیتہ علماء ہند کے ایک ذمہ دار تو جنیوا مودی حکومت کا دفاع کرنے پہنچ گئے۔ ایک آدھ ملی رہنماؤں کو چھوڑ کر ان میں اکثر مارٹن نیمولر کی اس نظم کی عملی تفسیر تھے۔

    پہلے وہ سوشلسٹوں کے پیچھے آئے، اور میں خاموش رہا — کیوں کہ  میں سوشلسٹ نہیں تھا۔

    پھر وہ ٹریڈ یونین کے کارکنوں کے پیچھے آئے، اور میں خاموش رہا — کیوں کہ  میں ٹریڈ یونین کا کارکن نہیں تھا۔

    پھر وہ یہودیوں کے پیچھے آئے، اور میں خاموش رہا — کیوں کہ  میں یہودی نہیں تھا۔

    پھر وہ میرے پیچھے آئے — لیکن اب بولنے والا کوئی بچا ہی نہیں تھا۔

    شاید ہندوستان میں مسلمان ابھی تک خوش قسمت ہیں کہ ایک ذی ہوش طبقہ ابھی بھی ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ان کو ساتھ لےکر ہی ان کی داد رسی ہوسکتی ہے اور ان کی عبادت گاہوں کا تحفظ ہوسکے گا۔

  • وقف قانون میں اندھا دہند  ترمیمات

    وقف قانون میں اندھا دہند  ترمیمات

    ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس

    اوقاف کے معاملات کو شفاف، مفید اور مسلمانوں کے پسماندہ و مفلوک الحال افراد کی غربت کو دور کرنے کے لمبے چوڑے اعلانات کے ساتھ مرکزی حکومت نے وقف قانون میں جو متازعہ ترمیمات کی ہیں وہ دراصل اوقافی املاک کو ہڑپنے کی ایک ناپاک سازش اور شاطرانہ چال کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔ اس مذموم کوشش کے ذریعہ بی جے پی حکومت نے ایک تیر سے کئی شکار کرنے کی کوشش کی ہے۔ تاہم آل انڈیا مسلم پرسنل بورڈ اورمسلم قیادت نے نہ صرف اس سے لوہا لینے کا عزم کیا ہے بلکہ ایک کل ہند تحریک کا آغاز بھی کردیا۔ حکومت کے ناپاک عزائم کی راہ میں مسلمانوں کے علاوہ  اپوزیشن پارٹیاں، سول سوسائٹی، اقلیتی طبقات، دلت اور ادیواسی رہنماء بھی میدان میں آگئے ہیں۔ مرکزی حکومت، ہندتوا عناصر اور گودی میڈیا اس کے خلاف ایک متبادل بیانیہ گھڑ رہے ہیں۔ اس پورے منظرنامے کا اصل ہدف ملت کو دوسرے درجہ کا شہری بنانا، ہندو مسلم منافرت کے ذریعہ دو قوموں کے درمیاں خلیج اور وسیع کرنا اور مسلمانوں کا رشتہ اپنے دین، ایمان اور شریعت سے کاٹنا ہے۔

    مسلم پرسنل لا بورڈ، متعدد دینی و ملی تنظیموں، ممبران پارلیمنٹ اور  کئی افراد نے اس قانون کو عدالت عظمی میں چیلنج کیا ہے اور مسلم پرسنل بورڈ نے اس کے خلاف تحفظ اوقاف کے نام سے ایک عوامی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ سپریم کورٹ نے اپنی پہلی ہی سماعت میں سرکار سے کئی چبھتے سوال کئے، جس پر سالیسیٹر جرنل سے جواب نہیں بن پایا اور وہ  عدالت سےمزید وقت کی درخواست کرنے لگے۔ البتہ دوسری سماعت میں انہوں نے عدالت کو یہ حلفیہ بیان دیا کہ حکومت اگلی تاریخ تک نئے قانون کا اطلاق وقف بطور استعمال کی املاک پر نہیں کرے گی  نیز  یہ کہ وقف کونسل اور وقف بورڈوں میں تقرریاں نہیں کی جائیں گیں۔ گو کہ سپریم کورٹ نے ابھی کوئی اسٹے نہیں دیا ہے، تاہم چیف جسٹس آف انڈیا کے تلخ سوالات نے حکمران جماعت کی صفوں میں کھبلی مچادی ہے۔ بی جے پی کے ایک ممبر پارلیمنٹ نے تو بالواسطہ کورٹ کو دھمکی دے دی کہ اگر اس نے اس قانون پر اسٹے دیا تو ملک میں خانہ جنگی پیدا ہوجائے گی۔ دوسری جانب نائب صدر جمہوریہ نے اپنے منصب کا لحاظ کئے بغیر سپریم کورٹ کے حدود و اختیارات کو ہی چیلنج کردیا۔

    وقف ترمیمات کیا اور کیوں:

    بی جے پی نےوقف ترمیمی بل پارلیمنٹ میں پیش کرنے سے قبل جوبیانیہ ترتیب دیا وہ جھوٹ، کذب و افتراء اور غلط بیانیوں کا ایک پلندہ تھا اور پھر اس کے آئی ٹی سیل، سوشل میڈیا فوج اورگودی میڈیا نے  وہ طومار باندھا کہ خدا کی پناہ۔ کہا گیا وقف کے پاس ملٹری اور انڈین ریلوے سے بھی زیادہ زمینیں ہیں، وقف بورڈ جس زمین پر ہاتھ رکھ دیتا ہے وہ اس کی ہوجاتی ہے، سرکاری زمینوں پر بھی وقف نے قبضہ کر رکھا ہے۔ کبھی کیرالہ کے ارناکلم کا حوالہ دیا گیا اور کبھی تامل ناڈو کے ایک پورے گاؤں کو بطور مثال پیش کیا گیا۔ کبھی کہا گیا کہ وقف کے تنازعات کو طے کرنے میں وقف ٹریبونل کا فیصلہ حتمی ہوتا ہے اور اس پر کہیں اپیل نہیں ہوسکتی۔  وزیر اعظم، وزیر داخلہ اور اقلیتی امور کے وزیر کرن ری جیجیو کے وقفہ وقفہ سے دیئے جانے والے بیانات نے جلتی پر تیل کا کام کیا ۔ انہی ہنگامہ خیز ماحول میں پارلیمنٹ میں وقف بل پیش کردیا گیا۔ وقف ترمیمی بل پر لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں ہونے والی بحث کئی اعتبار سے تاریخی اور کافی اہم تھی۔ ایک طرف حکمراں پارٹی کے زورآوراورمضحکہ خیز دعوے اور لن ترانیاں تھیں تو دوسری طرف حزب مخالف کی مدلل بحث اور سوالات۔ حزب مخالف نے حکومت کی کمزور دلیلوں کا ایسا پوسٹ مارٹم کیا کہ اللہ کی پناہ۔ افسوس کہ وزیر داخلہ اور اقلیتی امور کے وزیر نے اتنے سفید جھوٹ بولے کہ اس سے قبل پارلیمنٹ کے فلور پر کبھی کسی بل اور قانون کے دفاع میں اتنی کمزور دلیلوں اور کذب بیانیوں سے شاید ہی کبھی کام لیا گیا ہوگا۔ بہرحال طویل بحث و مباحثے کے بعد رات 2:30 بجے بل منظور کرلیا گیا۔ اسی طرح دوسرے دن ٹھیک یہی کچھ راجیہ سبھا میں بھی ہوا۔

    وقف قانوں کے ساتھ کھلواڑ :

    وقف قانون میں حکومت نے اپنی عددی طاقت کی بنیاد جو 48 ترمیمات کیں وہ نہ صرف امتیاز و تفریق پر مبنی ہیں بلکہ دستور ہند  سے بھی متصادم ہیں۔ وہ دستور کے بنیادی حقوق کی دفعات 14, 25, 26 اور 29 کے سراسر خلاف اور مسلمانوں کو اپنے شرعی اور دستوری حقوق سے محروم کرتی ہیں۔ قانون کا آسان اور عام فہم نام ( Waqf Act 1995) کو بدل کرایک لمبا چوڑا نام رکھ دیا گیا اور اس کا مخفف کچھ اس طرح بنایا گیا کہ وہ UMWEED(امید) بن گیا حالانکہ پورا قانون تضادات اور محرومیوں کا پلندہ ہے۔ یوں تو پوری 48 ترمیمات قابل رد ہیں تاہم بعض ترمیمات انتہائی سنگین اور وقف کی املاک کو ہڑپنے کا راستہ ہموار کردیتی ہیں۔ مثلاً:

    ۱- وقف بطور استعمال( Waqf by User) پر تلوار:

    ایسی بہت ساری وقف املاک جو صدیوں سے بطور وقف استعمال ہورہی تھیں جن میں مساجد، عیدگاہ، خانقاہیں، درگاہیں، مدارس، یتیم خانے اور قبرستان وغیرہ شامل ہیں لیکن ان کا کوئی دستاویزی ریکارڈ ( لینڈ ریکارڈ، ریویونیو ریکارڈ، رجسٹری وغیرہ ) موجود نہیں ہے۔ انہیں وقف قانون میں وقف املاک مان لیا گیا تھا۔ اب حالیہ ترمیم کے بعد ایسی تمام املاک کے لئے یہ ضروری کردیا گیا ہے کہ وہ اپنی دستاویزات کے ساتھ نئے قانون کے تحت خود کو رجسٹرڈ کروالیں۔ ظاہر بغیر دستاویز کہ وہ رجسٹرنہیں ہوں گیں اس طرح اپنی وقف حیثیت کھو دیں گی۔ اسی طرح اگر کسی “وقف بطور استعمال“ پر کسی کا کوئی دعوی ہے یا مستقبل میں کردے تو وہ اس زمرے سے نکل جائیں گی اور قانوں کے ذریعہ ان پر ناجائز قبضے کی راہ ہموار ہوجائے گی۔ دوسری جانب دیگر مذاہب کی ایسی املاک محفوظ رہیں گیں۔

    ۲۔ قبضہ مخالفانہ قانون سے استثنیٰ ختم:

    ہندوستان میں قبضہ مخالفانہ قانون( Law of Limitation)سے نہ صرف وقف املاک بلکہ ہند و، سکھ، بودھ اور سرکاری املاک کو بھی اس سے مستثنی رکھا گیا تھا۔ البتہ اب نئی ترمیم کے ذریعہ صرف وقف املاک کو اس استثنیٰ سے محروم کردیا گیا نتیجتاً اب حکومت اور جن جن لوگوں نے وقف کی املاک پر ناجائز قبضے کر رکھے ہیں وہ مسلمانوں کے ہاتھوں سے نکل جائیں گی۔ پنجاب اور ہریانہ کے علاوہ ملک کے طول عرض میں ایسی متعدد املاک موجود ہیں جن پر غاصبانہ قبضے ہیں۔

    ۳۔ آثار قدیمہ کے زیر انتظام املاک کی وقف حیثیت ختم:

    ملک میں محکمہ آثار قدیمہ کے زیر انتظام بہت ساری وقف املاک ہیں جن میں متعدد مساجد ہیں۔ جن کا انتظام و انصرام تو آثار قدیمہ کے تحت ہے لیکن وہ وقف املاک ہیں اور قانون کے مطابق ان میں نماز کی ادائیگی کی اجازت ہے۔ تاہم وقف قانوں  میں ترمیم کرکے اب ان کی وقف کی حیثیت ختم کردی گئی ہے۔ اندیشہ ہے کہ اب ان میں نماز کی ادائیگی پر پابندی لگادی جائے۔ دہلی کی جامع مسجد بھی آثار قدیمہ کے زیر انتظام ہے۔

    ۴۔ سرکاری قبضوں کو  جواز حاصل ہوجائے گا:

    وقف ایکٹ میں ایک نئی دفعہ کا اضافہ کیا گیا جس کے تحت مرکزی حکومت، ریاستی حکومتوں، میونسپل کارپوریشنوں یانیم خود مختار سرکاری اداروں کے قبضوں کے معاملات اب وقف ٹریبیونل کے بجائے سرکار کی جانب سے نامزد افسران طے کریں گے۔ ظاہر ہے سرکار کی طرف سے نامزد ارکان کس کے حق میں فیصلہ کریں گے یہ واضح ہے۔ ملک کے طول عرض میں حکومتوں اور حکومتی اداروں نے متعدد اہم مقامات پر وقف کی کئی ایکٹر املاک پر ناجائز قبضے کر رکھے ہیں۔

    ۵۔  وقف کونسل اور وقف بورڈوں میں غیرمسلموں کی شمولیت:

    وقف ایکٹ میں وقف املاک کے انتظام و انصرام اور واقف کی منشاء کو بروئے کار لانے کے لئے دو اہم ادارے موجود ہیں جن میں متعدد زمروں سے جو لوگ منتخب ہوتےتھے ان کے لئے شرط یہ تھی کہ وہ لازماً مسلمان ہوں گے تاہم اب یہ شرط ختم کردی گئی ہے اور اس کے علاوہ دو غیر مسلموں کی شمولیت کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ پہلے یہ ممبران منتخب ہوکر آتے تھے لیکن اب وہ حکومت کی طرف سے نامزد ہوں گے۔

    ۶۔ سی ای او (CEO) کا مسلمان ہونا ضروری نہیں:

    سینٹرل وقف کونسل اور ریاستی وقف بورڈوں کے انتظام وانصرام کے لئے جو سرکاری افسران منتخب کئے جاتے تھے ان کا بھی مسلمان ہونا ضروری ہوتا تھا لیکن اب یہ شرط بھی ہٹادی گئی۔

    ۷۔ واقف کے لئے پانچ سال باعمل مسلمان ہونے کی شرط:

    نئے قانون میں واقف کے لئے ایک مضحکہ خیز اور غیر شرعئی اور غیر دستوری شق کا اضافہ کردیا گیا کہ وہ کم از کم پانچ سال تک باعمل مسلمان ہو۔ باعمل سے مراد کیا ہے اور کون اس کا فیصلہ کرے گا، قانون میں اس کی وضاحت نہیں ہے۔

    ۸۔ اوقافی املاک کا سروے کلکٹر کے ماتحت:

    نئے قانون میں اوقافی املاک کے سروے کی ذمہ داری اب کلکٹر کے حوالے کردی گئی ہے جب کہ اب تک یہ کام وقف بورڈوں کے تحت تھا۔ ریاستی وقف بورڈ سروے کمشنر کا تقرر کرکے اس کام کو انجام دیتے تھے۔ گو کہ سروے کمشنر سرکاری افسر ہی ہوا کرتا تھا تاہم وہ وقف بورڈ کو جوابدہ تھا۔ اس سے اس بات کا اندیشہ پیدا ہوگیا ہے کہ حکومت کلکٹر کے ذریعہ وقف کے معاملات میں مداخلت کرتی رہے گی۔

    ۹۔ وقف علی الاولاد میں مداخلت:

    وقف قانون کی ایک اہم شق وقف علی الاولاد کی ہے۔ جس میں ایک شخص اپنی زندگی میں ہی اپنی اولاد کے لئے وقف کرسکتا تھا، اب اس قانون میں اس بات کا اضافہ کردیا گیا کہ ایسا کرتے وقت وارثین کے حقوق متاثر نہیں ہونے چاہییں۔ حالانکہ شریعت میں وارثین کا حق باپ کے مرنے کے بعد ہی ہوتا ہے اور اپنی زندگی کوئی بھی شخص جسے چاہے اور جتنی چاہے اپنی جائیداد دے سکتا ہے۔ یہ ترمیم ملکی قانون سے بھی متصادم ہے۔

    ۱۰۔ وقف کونسل اور وقف بورڈوں پر حکومت کا کنٹرول:

    سابقہ وقف ایکٹ میں سینٹرل وقف کونسل اور ریاستی وقف بورڈوں کے لئے ممبران مختلف کٹیگریز سےمنتخب ہوکر آتے تھے۔ لیکن حالیہ ترمیم کے بعد اب یہ سب حکومت کے ذریعہ نامزد ہونگے۔ جس سے اس بات کا اندیشہ پیدا ہوگیا ہے کہ اب ان آزاد اور خود مختار اداروں پر حکومت کا بالواسطہ کنٹرول ہوجائے گا۔

    مسلمانوں کا ردعمل:

    جس وقت حکومت نے وقف املاک پر طرح طرح غلط بیانیوں کے ذریعہ یہ بیانیہ بنانا شروع کیا کہ وقف بورڈوں بہت ساری حکومت کی املاک پر قبضہ کر رکھا ہے، وقف بورڈ جس پراپرٹی پر ہاتھ رکھ دیتا ہے وہ اس کی ہوجاتی ہے، وقف کے معاملات میں شفافیت نہیں ہے اور وہ وقف قانون نیز وقف کے معاملات میں شفافیت لانے کی لئے بہت جلد ایک ترمیمی بل پارلیمنٹ میں پیش کرے گی۔ حکومت کے ارادوں کو بھاپنتے ہوئے  مسلم پرسنل بورڈ نے اپوزیشن پارٹیوں سے ملاقات کرکے انہیں حکومت کے عزائم سے باخبر کیا اور مطالبہ کیا کہ جب بھی اس طرح کا کوئی بل پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے تو حزب مخالف حکومت کے منشاء کو ناکام بنانے کی پوری کوشش کرے۔ دریں اثناء جب بل پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا، بورڈ نے مسلم تنظیموں کے ساتھ مل کر ایک پریس کانفرنس کی اور مطالبہ کیا کہ اوقافی املاک کو ہڑپنے والا یہ بل مسلمانوں کو ہرگز بھی منظور نہیں، حکومت اسے فی الفور واپس لے۔ اپوزیشن کی زبردست مخالفت  کے بعد جب جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی بنائی گئی اور اس نے تمام شہریوں اور حکومتی اداروں اور مرکزی وزارتوں کو پیش ہوکر بل پر اپنا موقف پیش کرنے  کے لئے مدعو کیا تو بورڈ نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ وقف کا تعلق صرف مسلمانوں سے ہے لہذا جے پی سی کو صرف انہی کا موقف جاننا چاہیے۔ اس کے بعد بورڈ نے اور دیگر دینی و ملی تنظیموں اور اداروں نے جی پی سی کے سامنے مدلل انداز میں اپنا موقف پیش کیا اور جب جے پی سی نے ای میل کے ذریعہ عام شہریوں سے رائے مانگی تو مسلم پرسنل بورڈ اور دیگر ملی اداروں کی کوششوں سے تقریباً پانچ کروڑ ای میل جے پی سی کو بھیجے گئے۔ اسی دوران بی جے پی کی حلیف جماعتوں کے سربراہوں سے مل کر ان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس بل کی مخالفت کریں۔ چھ ماہ کی ڈرامہ بازی، مسلمانوں کی مدلل اور اجتماعی مخالفت نیز  جے پی سی کے حزب مخالف ممبران کی 44 ترمیمات کو نظر انداز کرکے جب جے پی سی نے اپنی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کی تو پتہ چلا کہ ترمیمات کو مزید سخت بنادیا گیا ہے۔ مسلم پرسنل نے فوری طور دہلی کے جنتر منتر، پٹنہ اور وجے واڑہ میں دھرنے منعقد کرکے بل کی پرزور مخالفت کی اوراپوزیشن پارٹیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسے منظور نہ ہونے دیں۔

    ہندوستان کی پارلیمانی تاریخ میں کسی مسلم مسئلہ پر اپوزیشن جماعتوں کی پرزور اور مدلل مخالفت اس سے پہلے اس انداز میں شاید ہی کبھی سامنے آئی ہو۔ دن اور رات کی طویل بحث و مباحثہ کے بعد لوک سبھا میں علی الصبح 4 بجے بل منظور ہوا اور پھر یہی کچھ منظر راجیہ سبھا میں بھی دیکھنے کو ملا۔ مہلک ترمیمات پارلیمنٹ سے پاس ہوکر اور صدر جمہوریہ کی منظوری کے بعد جب قانون کی شکل اختیار کرگئیں تو مسلم پرسنل بورڈ نے اس کے خلاف قانونی اور جمہوری راستوں سے ایک ملک گیر تحریک کا اعلان کردیا۔ مسلم پرسنل بورڈ، دینی جماعتوں اور کچھ ممبران پارلیمنٹ نے فوراً اسے عدالت عظمی میں چیلنج کردیا۔ اس طرح اب تک  درجنوں   افراد اور تنظیموں نے اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے ان میں سے پانچ پٹیشن کو سماعت کے لئے قبول کیا اور باقی درخواستوں کو مداخلت کار کی حیثیت دے دی۔ پہلی ہی سماعت میں عدالت نے سالیسیٹر جنرل سے بہت چبھتے ہوئے سوالات کئے، جس کا جواب دینے کے بجائے سالیسیٹر جرنل نے ایک ہفتہ کی مہلت مانگی، مگر عدالت کو یہ تنبیہ بھی کر ڈالی کہ اسے اس قانون سے چھیڑ چھاڑ نہیں کرنی چاہیے۔ اس سے متاثر ہوئے بغیر چیف جسٹس نے انہیں اگلے ہی دن  عدالت کے سوالوں کا جواب دینےکے لئے کہا۔ دوسرے دن سالیسیٹر جرنل نے یہ کہہ کر اپنی جان چھڑائی کہ حکومت اگلی تاریخ تک اس قانون کی بنیاد پر نہ تو وقف بورڈوں اور سینٹرل وقف کونسل میں تقرریاں کرے گی اور نہ اس کااطلاق وقف بائی یوزر کی املاک پر ہوگا۔ عدالت نے اسے حکومت کے وعدے کےطورپر تسلیم کرتے ہوئے اگلی سماعت تک کے لیے اس کو مؤخر کردیا۔

    دوسری طرف مسلم پرسنل بورڈ نے ایک تفصیلی روڈ میپ کے ذریعہ کل ہند  تحریک کا آغاز کردیا۔ دہلی، حیدرآباد،ممبئی ، کولکاتہ ، پربھنی، مالیگاؤں اور جمشیدپور میں ہزاروں کی تعداد میں امڈی بھیڑ اور ہر مسلک و مکتب فکر کی نمائندگی سے یہ واضح ہوگیا کہ مسلمانوں میں نہ صرف زبردست غم و غصہ ہے بلکہ اس معاملہ میں ان کے درمیان غیر معمولی اتحاد بھی ہے۔ مسلم اتحاد کا غیر معمولی مظاہرہ 30 اپریل کی بتی گل تحریک میں دیکھنے کو ملا، جب پرسنل بورڈ کی آواز پر کیا شہر اور کیا دیہات، کیا محلے اور کیا بازار، آسام سے گجرات اور کشمیر سے کنیا کماری تک رات 9 بجے سب تھم  سےگئے ۔ ان پروگراموں میں برادران وطن کی نمائندگی بھی یہ تاثر دے رہی ہے وہ تفریق پر مبنی اور دستور ہند  سے متصادم ترمیمات کے خلاف ہیں اور مسلمانوں کے ساتھ ہیں۔ اتحاد کے اس غیر معمولی مظاہرہ نے مٹھی بھر حکومتی حاشیہ بردار منافقین کی زبانیں بند کردیں۔ دوسری طرف مسلم پرسنل بورڈ کو مسلمانوں اور غیر مسلموں نے بھی مسلمانوں کے ایک حقیقی نمائندہ پلیٹ فارم کے بطور تسلیم کرلیا بلکہ اس کی پرامن اور جمہوری جدوجہد کی خوب پذیرائی بھی کی۔

    متنازعہ قانون کے بعد مسلمانوں کی حکمت عملی

    بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ آنے والے ایام اس پہلو سے کافی اہمیت کے حامل ہوں گے۔ اوراس میں سپریم کورٹ کا عبوری فیصلہ بھی اہم کردار ادا کرے گا، بالخصوص اس لئے بھی کہ یہ چیف جسٹس آف انڈیا کا اس کیس میں اپنے ریٹائرمنٹ سے پہلے آخری فیصلہ ہوگا۔ اس درمیان ہونے والے بعض واقعات اور اس پر گودی میڈیا کی ہڑبڑاہٹ یہ پتہ دے رہی ہے حکومت کی صفوں میں سب خیریت نہیں ہے۔ چاہے پہلگام واقعہ میں ہوئی سیکورٹی میں ہوئی غلطی کا اعتراف ہو، چاہے پاکستان سے لوہا لینے کی لن ترانیاں ہوں یا عجلت میں لیا گیاذات پر مبنی مردم شماری کا فیصلہ۔۔۔ ہر چیز یہ بتارہی ہے کہ حکومت کو یہ خوف ستارہا ہے کہ کہیں اس کا یہ داؤ الٹا نہ پڑجائے۔ پرسنل لاء بورڈ کی تحریک کی مسلمانوں میں بڑھتی مقبولیت، اتحاد و یکجہتی کے غیر معمولی مظاہرے، سول سوسائٹی، اقلیتی طبقات، حزب مخالف کی غیر معمولی حمایت اور سپریم کورٹ سے حزیمت اٹھانے کا اندیشہ حکومت کے خوف کے اسباب  میں سے ہیں۔

  • پیغام ربانی

    پیغام ربانی

    پھر اے محمد ؐ ! ہم نے تمہاری طرف یہ کتاب بھیجی جو حق لے کر آئی ہے اور الکتاب میں سے جو کچھ اس کے آگے موجود ہے اُس کی تصدیق کرنے والی ور اس کی محافظ و نگہبَان ہے۔ لہٰذا تم خدا کے نازل کردہ قانون کے مطابق لوگوں کے معاملات کا فیصلہ کرو اور جو حق تمہارے پاس آیا ہے اُس سے مُنّہ موڑ کر ان کی خواہشات کی پیروی نہ کرو۔ ہم نے تم میں سے ہر ایک کے لیے ایک شریعت اور ایک راہِ عمل مقرر کی۔ اگرچہ تمہارا خدا چاہتا تو تم سب کو ایک اُمّت بھی بناسکتا تھا، لیکن اُس نے یہ اِس لیے کیا کہ جو کچھ اُس نے تم لوگوں کو دیا ہے اس میں تمہاری آزمائش کرے۔ لہٰذا بھلائیوں میں ایک دُوسرے سے سبقت لے جانے کی کوشش کرو۔ آخر کار تم سب کو خدا کی طرف پلٹ کر جانا ہے، پھر وہ تمہیں اصل حقیقت بتادے گا جس میں تم اختلاف کرتے رہے ہو۔

    (المائدہ، آیت48)

  • ناشر کا خط

    ناشر کا خط

    قارئین کرام

    سلام مسنون

    ہمیں افسوس ہے کہ گزشتہ دو ماہ سے آپ افکار سے محروم ہیں۔ اس کی وجہ سیاہ  وقف ترمیمات اور پھر انہیں قانون کا لبادہ اڑا دیا جانا، اس کے خلاف مسلم پرسنل لا بورڈ کے ذریعہ کل ہند تحریک کا آغاز اور اس خاکسار کے نازک کاندھوں پر اس کا بوجھ اور پھر غیر معمولی مصروفیات کا لامتناہی سلسلہ۔

    ہمیں یہ بھی احساس ہے کہ اس درمیاں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر متعدد اہم واقعات وقوع پذیر ہوئے، جن کا تجزیہ اور ان پر تبصرہ وقت کا تقاضہ تھا- بہرحال میری طرف سے معذرت قبول فرمائیں۔ ان شاءاللہ آئندہ آپ کو شکایت کا موقع نہیں ملے گا-

    گزشتہ 8 ماہ سے مرکزی حکومت کے ذریعہ وضع کردہ  سیاہ وقف ترمیمات، جے پی سی کی بھول بھلیوں سے گزکر حکومت کے مکروفریب اور چالبازیوں سے قانون کی شکل اختیار کرگئیں۔ سرورق کی کہانی میں مدیر افکار ملی کا مضمون جہاں ایک طرف ان ترمیمات سے متوقع نقصانات اور اندیشوں کو واضح کرتا ہے بلکہ اس میں پوشیدہ اس بڑے ڈیزائن کو بھی سامنے لاتا ہے جو آرایس ایس کے پیش نظر ہے۔ اس تجزیہ میں ان ترمیمات کے آنے کے بعد امت مسلمہ ہندیہ میں جو بیداری، اس کے خلاف صف آراء ہونے اور مسالک و مکاتب فکر اور جماعتوں کی تنگ دامانیوں سے بلند ہوکر مسلم پرسنل بورڈ کے پلیٹ فارم کے تحت جدوجہد کرنے کا جو جذبہ پیدا ہوا ہے اس کا بھی اس مضموں میں تفصیل سے ذکر ہے۔ اسی موضوع پر کچھ دوسرے زاویہ سے  سینئر صحافی برادر افتخار گیلانی کی خصوصی تحریر بھی ملاحظہ فرمائیں۔

    موجودہ حکمران طبقہ اور اس کے حاشیہ بردار سماج میں ہندو مسلم منافرت پھیلانے کے لئے اکثر مسلم تاریخ کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے رہتے ہیں، اس معاملے میں ان کے لئے سب سے مرغوب شخصیت اورنگ زیب ہے۔ حسب معمول اس بار جب انہوں نے ایک بار پھر اس کارڈ کو کھیلنے کی کوشش کی تو بہت سارے ھندو دانشور اور تاریخ نویس میدان میں آگئے اور انہوں نے تاریخ کے اوراق سے اورنگ زیب کی ان خدمات اور عطیات کے انبار لگادئے جو انہوں ھندوؤں، سکھوں اور دیگر مذاہب کے لوگوں اور ان کے اداروں کو دئے تھے۔ کئی سال پہلے  اڑیسہ کے سابق گورنر اور تاریخ نویس بشمبھر ناتھ پانڈے نے اپنی کتاب میں اورنگ زیب کے تقریباً سو ایسے فرمان شائع کئے تھے جس کے ذریعہ انہوں نے مندروں کو جاگیریں عطا کی تھیں۔ نہال صغیر           نے اپنے مضموں “ مہاراشٹرا میں اورنگ زیب پر سیاست میں             اور معصوم مرادآبادی نے اپنے مضموں “جب اورنگ زیب نے مندروں کو جاگیریں عطا کیں“ میں الگ الگ انداز میں ان امور کا جائزہ لیا ہے۔

    اس شمارے میں ہم  “دی کوئنٹ“ کی ایک اہم رپورٹ“ مسلم خواتین کے خلاف آن لائن تشدد“ کو پورٹل کے شکریہ کے ساتھ شائع کررہے ہیں۔ اس رپورٹ میں ھندتوا عناصر کی بے ہودہ حرکتوں کا تفصیل جائزہ لیا گیا ہے کہ کس طرح یہ عناصر  اوچھی حرکتوں پر اتر آئے ہیں۔ افسوس کہ ان عناصر  کو سرکاری سطح پر جو چھوٹ ملتی ہے وہ انہیں اور شہہ دیتی ہے۔

    ان کے علاوہ بہت کچھ ہے اس شمارے میں۔

    آپ کی آراء اور مشوروں کا انتظار رہے گا۔

    والسلام

    ناشر

  • پیغام ربانی

    پیغام ربانی

    اے لوگو جو ایمان لائے ہو صبر اور نماز سے مدد لو ۔ اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔ اور جو لوگ اللہ کی راہ میں مارے جائیں ، انہیں مُردہ نہ کہو ، ایسے لوگ تو حقیقت میں زندہ ہیں ، مگر تمہیں ان کی زندگی کا شعور نہیں ہوتا۔ اور ہم ضرور تمہیں خوف وخطر ، فاقہ کشی ، جان و مال کے نقصانات اور آمدنیوں کے گھاٹے میں مبتلا کرکے تمہاری آزمائش کریں گے۔ ان حالات میں جو لوگ صبر کریں اور جب کوئی مصیبت پڑے ، تو کہیں کہ ”ہم اللہ ہی کے ہیں اور اللہ ہی کی طرف پلٹ کر جا نا ہے،“ انھیں خوشخبری دے دو ۔ ان پر ان کے ر ب کی طرف سے بڑی عنایات ہوں گی، اس کی رحمت ان پر سایہ کرے گی اور ایسے ہی لوگ راست رو ہیں۔

    (سورہ  البقرہ آیت153-163)

  • حماس-اسرائیل معاہدہ: کس کی جیت، کس کی ہار؟

    حماس-اسرائیل معاہدہ: کس کی جیت، کس کی ہار؟

    بالآخرکفرٹوٹاخداخداکرکے اورغزہ میں جنگ بندی کی کئی ناکام کوششوں کے بعد 15 مہینے سے جاری خوف ناک اسرائیلی جارحیت رک جانے کی اب قوی امیدپیداہوئی ہے۔اس جنگ بندی میں قطرکا کردارثالث کارہا جب کہ مصراورامریکہ کے نمائدے بھی دوحہ میں موجودرہے ۔اس عارضی جنگ بندی کے سولہ دن کے بعدجنگ کومکمل طورپر ختم کرنے کے لیے فریقین میں پھرسے مذاکرات ہوں گے۔اس جنگ بندی کا اعلان قطرکے وزیراعظم محمدبن عبدالرحمن ثانی نے 16جنوری کی رات کوکیا۔ شہرعزیمت غزہ کے مظلوم،بے سہارالیکن استقامت کے ساتھ اپنے موقف پر ڈٹے باشندوں نے راحت کی سانس لی اورخوشیاں منائیں۔ اہل غزہ کے ساتھ اظہاریک جہتی کے لیے عمان، دمشق، بیروت، طنجہ کے علاوہ لندن ونیویارک میں بھی لوگوں نے خوشی کا اظہارکیا۔
    امریکی صدرجوبائڈن نے اس کوHostage ڈیل کہااوراسے اپنی ناکام حکومت کے کھاتہ میں ڈالنے کی کوشش کی ۔اس سے امریکی حکومت کے خبیث ِنیت کا اندازہ ہوتاہے کہ ٹرمپ ہوں یاجوبائڈن ،بلنکن یااورکوئی عہدہ دار یہ سب لوگ اپنے بیانات میں صرف اورصرف اسرائیلی قیدیوں کی بات کرتے ہیں۔اسرائیل نے جس طرح پورے غزہ کوبربادکیا، جس طرح ایک لاکھ کے قریب بے قصوروں اورمعصوموں کاقتل عام کیا اُس پر یہ کوئی بات ہی نہیں کرتے- بس یہ کہتے ہیں کہ ایساکرنااسرائیل کی مجبوری تھی کیوں کہ حماس والے عام فلسطینی شہریوں میں گھلے ملے تھے۔یادرہے کہ ایک محتاط اندازہ کے مطابق 47ہزارفلسطینی اسرائیل کی بے محابا بمباری سے شہیدہوچکے ہیں جن میں 17ہزارسے زیادہ معصوم بچے اورعورتیں ہیں۔بلکہ نیویارک ٹائمزنے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں اس کو64 ہزاربتایاہے اور یہ بھی کہاہے کہ جتنے اعدادوشماردیے جارہے ہیں اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔
    بتایاجارہاہےکہ اس معاہدے میں نہ صرف موجودہ بائڈن حکومت کے نمائدے قطرمیں تھے بلکہ ٹرمپ نے بھی اپنے نمائندے اسٹیووٹکوف کووہاں بھیجا ہواتھا، جوبڑامتشددقسم کا اسرائیل کا حمایتی ہے اورنتن یاہوکا معتقد۔ یہ وہ شخص ہے جس نے نتن یاہوکے امریکی کانگریس سے خطاب کے وقت کوئی پچاس باراس کے لیے تالیاں بجائی تھیں اورنتین یاہوسے اپنی ملاقات کوایک روحانی تجربہ قراردیاتھا۔ کہاجارہاہے کہ نتن یاہوکواس معاہدے کے لیے آمادہ کرنے میں بھی اس کا خاص رول رہاہے۔
    اس عارضی صلح کے تین مرحلے ہوں گے ۔پہلے مرحلہ میں جو چھ ہفتوں یعنی 42 دن پرمحیط ہوگا اس میں اسرائیلی فوج غزہ سے پیچھے ہٹے گی، لیکن انخلاء نہیں کرے گی۔حماس 33غیرفوجی اسرائیلی قیدیوں کوجن میں عورتیں بچے اوربوڑھے ہوں گے رہاکرے گا اور بدلے میں اسرائیل اپنی جیلوں سے ایک اسرائیلی کے بدلے 50 فلسطینیوں کوچھوڑے گا۔ روزانہ چھ سوامدادی ٹرک غزہ میں داخل ہوں گے جن میں سے تین شمالی غزہ کے لیے خاص ہوں گے ۔ہرہفتہ تین اسرائیلی یرغمالی رہاہوں گے۔ یاد رہے کہ سات اکتوبرکے تاریخی طوفان الاقصی حملہ میں حماس نے دوسوسے زیادہ اسرائیلیوں کویرغمال بنایاتھا جن میں سے بہت سے اسرائیل کی اندھا دھندبم باری میں مارے گئے ہیں۔ بتایاجاتاہے کہ ان میں سے 94 لوگ ابھی زندہ ہیں۔دوسرے مرحلہ میں جوکہ چھ ہفتوں کا ہوگااسرائیلی فوج نتساریم کوریڈورکے ذریعہ غزہ سے باہرآئے گی ۔ اورتمام اسرائیلی قیدی چھوڑدیے جائیں گے۔فلسطینی قیدیوں میں 200 وہ قیدی بھی شامل ہیں جن کوسزائے موت یاعمرقیددی گئی ہے۔معروف فلسطینی رہنمامروان البرغوثی بھی ان میں شامل ہیں۔
    تیسرا مرحلہ دوسالوں پر محیط ہوگااوراس میں اسرائیل مکمل طورپر غزہ سے نکل جائے گا۔اس میں غزہ کی تعمیرنو ہوگی اورعرب ممالک اس میں تعاون کریں گے ۔ البتہ فلاڈلفیاکاریڈور(معبرصلاح الدین )کوچھوڑنے کے لیے اسرائیل ابھی تیارنہیں ہے، مصراس کومنانے کی کوشش کررہاہے اوریہ ضمانت لے رہاہے کہ اگراسرائیلی فوج وہاں سے نکل جاتی ہے تومصراس کا کنٹرول سنبھال لے گااوراسرائیل کی سلامتی کویقینی بنائے گا۔ یہی اسرائیل کی داداگیری ہے- اس لیے کہ معبرصلاح الدین اورمعبرر فح(ر فح کراسنگ)کے بارے میں فلسطینی کوئی فریق نہیں ہیں۔ان دونوں کے سلسلہ میں اسرائیل اورمصری حکومت کے درمیان بہت پہلے سے معاہدہ چلاآتاہے جس کی روسے دونوں کا نظم ونسق مصری حکومت کی ذمہ داری ہے۔ مگراسرائیل دنیا میں ہرطرح کے قاعدے قانون سے اپنے آپ کو بالاتر سمجھتاہے اوراس کے مغربی سرپرست واقعتا اس کوایسا ہی بنائے ہوئے ہیں۔ اسرائیل کے ایک سابق صدربن گوریان نے کہاتھاکہ ’’ا س خطہ میں اسرائیل کوپاگل کتے کی طرح رہنا ہوگا اور پڑوسیوں کوکاٹتے رہنا ہوگا تاکہ سب اس سے خوف زدہ رہیں‘‘۔ اسرائیل کا عمل بالکل اسی طرح کا ہے۔یہ اس کی ضد ہے- اس کے انسانیت کے خلاف جرائم کو نظرانداز کردیا جاتاہے۔
    بہرحال اس کے بعدہتھیاروں کی کڑی جانچ کے بعدغزہ کے 23لاکھ لوگوں کوجنوب سے شمال کی طرف جانے کی اجازت دی جائے گی۔ البتہ اسرائیل 800 میٹرچوڑے بفرزون پر برقرار رہے گا- جہاں اس کے فوجی تعینات رہیں گے۔ حماس نے یہ شرط بھی رکھی ہے کہ پہلے اور دوسرے مرحلہ میں اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے بعداسرائیل پھرسے غزہ پر بمباری نہیں کرے گا۔ البتہ یاس معاہدہ میں ایک پیچ ابھی تک پھنساہواہے، وہ یہ کہ اسرائیل کا کہناہے کہ معاہدہ ہوجانے کے بعدبھی اس کویہ حق ہوگاکہ اپنی جاسوسی معلومات کے مطابق وہ غزہ میں کہیں بھی ٹارگیٹ کلنگ کرسکتاہے۔ امریکہ بھی اس کی ہاں میں ہاں ملارہاہے۔ یہی وہ پوائنٹ ہے جوفلسطینیوں کے لیے ہمیشہ دردِسر بنارہے گااوراس میں بہت واضح اپر ہینڈ اسرائیل کودے دیاگیاہے۔
    اس معاہدے کواسرائیلی وار کابینہ میں توثیق کے لیے پیش کیاگیاجس نے اس کوپاس کردیاہے۔ لیکن اسرائیل غزہ کے مختلف علاقوں میں مسلسل بمباری کررہاہے تاکہ مزاحمتی قوتوں کوزیادہ سے زیادہ نقصان پہنچایاجاسکے۔ 16 جنوری کو جنگ بندی کے اعلان کے بعدبھی اسرائیل نے حملہ کیا جس میں115 فلسطینی شہیدہوگئے۔
    کہا یہ جارہاہے کہ فلسطینی اتھارٹی غزہ کا انتظام سنبھالے گی،فلسطینی مقتدرہ کے وزیراعظم محمدمصطفی نے اپنے بیان میں کہا بھی کہ فلسطینی اتھارٹی ہی فلسطینیوں کی بین الاقوامی طورپرتسلیم شدہ نمائندہ ہے، لہذااسی کوغزہ کا انتظام سنبھالنے کا حق ہے۔مگراسرائیل اس کے لیے تیارنہیں ہے یہ بات بھی سامنے آرہی ہے کہ امریکہ اورمتحدہ عرب امارات دونوں مل کرکوئی میکانزم بنائیں گے جس کے تحت غزہ کی بازآبادکاری اورنظم ونسق کوسنبھالاجائے گا۔
    دوسری طرف متشدداسرائیلی وزیراسموترچ اورایتماربن گوئیر دونوں اس معاہدہ کی شدیدمخالفت کررہے ہیں اوراس کودہشت گردی کے سامنے ہتھیارڈالنے کے مترادف قراردے رہے ہیں۔ انہوں نے بنجامن نتن یاہو کی حکومت گرانے کی کوشش بھی کی ہے ۔حالاں کہ معاہدہ کی تما م شرائط کو بنظرغائر دیکھنے سے معلوم ہوتاہے کہ اسرائیل کا پلہ اس میں بھاری ہے اورحماس نے تنازل اختیارکیاہے۔عملیت پسندی کا تقاضا یہی تھا کہ فلسطینی عوام جنہوں نے جانبازی اور قربانیاں دینے کی ایک بے مثال تاریخ رقم کردی ہے اب ان پر مزیدبوجھ نہ ڈالاجائے اورکچھ ریلیف ان کوملے۔
    حماس کے ایک رہنماخلیل الحیۃ نے اپنے ویڈیو پیغام میں جوالجزیرہ پر نشرہوا حماس ،الجہادالاسلامی ،حزب اللہ ،یمن کے انصاراللہ (حوثی )عراقی تحریک مزاحمت،اورایرانی وقطری اورمصری وترکی کی حکومتوں کاشکریہ اداکیا۔انہوں نے غزہ کے شہیدوں،شیخ اسماعیل ہانیہ ،شیخ حسن نصراللہ ،حماس کے قائدیحی السنوار،شیخ صالح العروری اوردوسرے شہیدوں کوخراج تحسین پیش کیا۔واضح رہے کہ تحریک حماس کی میدانی قیادت اب شہیدیحیی السنورکے چھوٹے بھائی محمدالسنوارکودے دی گئی ہے۔ جنہوں نے اپنی پلاننگ سے حماس میں پھرسے ہزاروں نوجوانوں کوبھرتی کرکے شمالی غزہ میں پھر سے اس میں جان ڈال دی ہے۔ اوروہ اسرائیلی فوج پر مسلسل گوریلا حملے کرکے اس کوشدیدنقصان پہنچارہے ہیں۔خلیل الحیہ نے مزیدکہا کہ ہم نے ایک لمحہ کے لیے بھی دشمن کو یہ احساس نہیں ہونے دیاکہ حماس نےمیدان چھوڑدیا ہے، یاوہ کمزور پڑگیا ہے۔لیکن تحریک ِمزاحمت اورفلسطینی عوام کے وسیع تر مفاد میں یہ صلح کی جارہی ہے‘‘۔
    اس صلح میں جس میں زیادہ بڑاکردارنئے امریکہ صدرٹرمپ کے مشرق ِوسطی کے لیے نمائندے اسٹووٹکوف نے اداکیا جنہوں نے سفاک اسرائیلی وزیراعظم کواس کے لیے تیارکرلیا۔اس صلح میں بظاہراسرائیل کواپر ہینڈ ملا ہے۔ مگریہ یاد رکھنا چاہیے کہ زندہ وجانبازفلسطینی قوم نے اپنی تمام تر تباہی وبربادی کے باوجود اورخاک وخون میں لوٹنے کے باوجودمحیرالعقول سخت جانی،بے نظیرپامردی واستقلال کامظاہرہ کیاہے، جس نے قرون اولی کے مجاہدوں کی یادتازہ کردی جن کواقبال نے یہ کہہ کرخراج تحسین پیش کیاتھا ؎؎
    یہ غازی یہ تیرے پراسراربندے
    جنہیں تونے بخشاہے ذوق خدائی
    دونیم اِن کی ٹھوکرسے صحراودریا
    سمٹ کرپہاڑاِن کی ہیبت سے رائی
    دوعالم سے کرتی ہے بے گانہ دل کو
    عجب چیز ہے لذتِ آشنائی

    اپنی بے نظیرشجاعت ،ہمت اوربلندحوصلہ اورزبردست قربانیاں دے کرانہوں نے اسرائیل کواپنے اعلان کردہ اہداف کوحاصل کرنے نہیں دیا۔ یعنی حماس کا خاتمہ، حماس کی قید سے اپنے قیدیوں کو چھڑالینا، غزہ ومغربی کنارہ سے مزاحمت کا خاتمہ اور فلسطینی مسئلہ سے ہمیشہ کے لیے چھٹکارہ حاصل کرنا۔
    حماس نے فلسطینی عوام کی خاطریہ کڑوی گولی حلق سے اتارلی ہے، مگرمستقبل میں اس کا کیاہوگا یہ ابھی واضح نہیں ہے۔امریکہ اوراسرائیل کی پوری کوشش ہوگی کہ حماس کونہتاکردیاجائے یاغزہ سے بے دخل۔ اس سے فلسطین میں سول وارچھڑجانے کا خطرہ محسوس ہورہاہے۔ کیوں کہ امریکہ کی نئی ٹرمپ حکومت نے اپنی آنے والی انتظامیہ کے جن چہروں کا اعلان کیاہے ان میں سیکریٹری آف اسٹیٹ اورمشرق وسطی کے لیے خصوصی ایلچی اسٹووٹکوف معروف صہیونی ہیں۔ یہ دونوں مغربی کنارہ اورغزہ کو اسرائیل میں ضم کرنے کی وکالت کرتے ہیں۔مغربی کنارہ کو یہ اس کے قدیم ببلیکل نام جوڈیاسمیرا سے ہی پکارتے ہیں۔ٹرمپ بھی اپنے ایک بیان میں کہہ چکاہے کہ اسرائیل کومزیدزمینوں کی ضرورت ہے۔ خدشہ یہ ہے کہ مغربی کنارہ کی غیرقانونی طورپر بسائی گئیں سینکڑوں یہیودی سیٹلمنٹس اورگولان ہائٹس کووہ اسرائیل میں مستقل طورپر ضم کرنے کی وکالت نہ کرے۔ ٹرمپ کا اپنارکارڈ فلسطین کے لیے بہت خراب رہاہے۔ اس نے اپنی پہلی میعادمیں امریکی سفارت خانہ تل ابیب سے یروشلم منتقل کیاتھااوراس کو اسرئیل کا دارالحکومت ماننے کے لیے تیارتھا- اوراسی نے عربوں کودھونس ودھمکی اورسیکورٹی کا لالچ دے کرصفقۃ القرن یاصدی کی ڈیل کروائی تھی اورابراہام اکارڈ پر اسرائیل کوتسلیم کرنے کے لیے سعودی عرب کورام کیاتھا۔گزشتہ سال طوفان الاقصی نے سعودی واسرائیل کی اس پیش رفت کوکھٹائی میں ڈال دیاتھا۔ تب سے اب تک سعودی عرب کا سرکاری موقف جوسامنے آیاہے وہ یہی ہے کہ پہلے اسرائیل دوریاستی حل کوتسلیم کرے اورآزادفلسطینی ریاست کا قیام ہوتبھی وہ اس معاہدے ابراہام اکارڈ پر دستخط کرے گا۔تاہم محمدبن سلمان ذاتی طورپر فلسطینیوں سے کوئی ہمدردی نہیں رکھت، اس لیے بہت ممکن ہے کہ وہ ان کودوبارہ بائی پاس کرکے اسرائیل کوتسلیم کرنے کا یہ معاہدہ کرڈالے۔
    حماس کا طوفان الاقصی کا اقدام جرأت ِرندانہ تو یقینا تھا مگرشایداس کوفلسطینیوں کے حق میں اس کے فوری عواقب کاصحیح اندازہ نہیں ہوسکا۔ اُس کا خیال غالبایہ رہاہوگا کہ مسلم دنیااورخاص کرعرب ممالک ان کویوں بے یارومددگارنہیں چھوڑیں گے۔ جب کہ عربوں نے حقیقت میں ان کوتنہا چھوڑدیا۔اب صورت حال یہ ہے کہ حماس کی ٹاپ قیادت شہیدہوچکی اور اس کے خاص مددگارحزب اللہ اورایران کی حالت بھی پتلی ہے۔ یمن پر بھی متعددباراسرائیل اوراس کے آقاامریکہ وبرطانیہ شدید بمباری کرچکے ہیں۔غزہ کا معاشی بائیکاٹ پہلے سے زیادہ سخت ہے۔عرب،مسلم ممالک اورباقی دنیامحض چلاکراورچیخ وپکارکررہ گئے مگر عملاًفلسطینیوں کے لیے کچھ نہیں کرپائے۔ جنوبی افریقہ اسرائیلی کے خلاف بین الاقوامی عدالت ِانصاف میں گیا۔ جہاں سے نتن یاہواورسابق اسرائیلی وزیرجنگ یواف گالانٹ کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری ہوئے مگرامریکہ نے داداگیری سے اس اقدام کو فیل کردیااوراب خوداس بین الاقوامی عدالت ِانصاف پر پابندی لگانے کی بات کی جارہی ہے۔اسرائیل کی حفاظت امریکی حکومت (چاہے وہ ڈیموکریٹس ہوں یارپبلکن)کے مذہبی عقائدکا حصہ ہے ۔ وہاں اقتدارایوانجلکل مسیحیوں کا محتاج ہوتاہے اوران کی حمایت کے بغیرکوئی بھی پارٹی نہیں جیت سکتی اوریہ لوگ اپنے مذہبی عقیدہ کی روسے اسرائیل کاتحفظ خوداپنے ملک کے تحفظ کی طرح ہی مانتے ہیں۔
    یہی وجہ ہے کہ اقوام متحدہ میں مسلسل اسرائیل کے خلاف آوازاٹھتی ہے ،قراردادیں پاس ہوتی ہیں مگرعملاًکچھ نہیں ہوپاتا۔اب اسرائیل نے امریکی آشیروادسے مغربی کنارہ کی اتنی زمینیں غصب کرلی ہیں اوران پراتنی یہودی بستیاں بسادی ہیں کہ عملاًان کوہٹاناممکن نہیں رہ گیاہے۔اسرائیل غالباًیہ طے کرچکاہے کہ غزہ کے شمال میں بھی اس کومستقل رہناہے۔اس لیے صلاح الدین کاریڈور(معبرصلاح الدین )جس کومغربی لوگ فلاڈلفیاکوریڈدرکہتے ہیں پر اسرائیل کا مکمل کنٹرول ہے۔ اس پر نہ مصرکچھ کہتاہے نہ اردن۔ دنیاکی رائے عامہ ضرورغزہ پر اسرائیل کی اِس جارحیت کے نتیجہ میں بیدارہوئی ہے اوروہ اب فلسطینیوں کی حمایت کرتی ہے مگرمغربی ممالک امریکہ، جرمنی، فرانس، اٹلی اوربرطانیہ میں پالیسی سازسب کے سب صہیونی یاصہیونیت کے ہمدرد ہیں۔ پورامغربی میڈیا اسرائیل کا بیانیہ ہی بیچ رہاہے۔ اوراس میں ابھی سالوں تک کسی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔ عالم اسلام کا حال اورزیادہ خراب ہے ۔کچھ ہی دن پہلے ریاض میں اوآئی سی اورعرب لیگ کا مشترکہ اجلاس ہواتھا(جوگزشتہ سال بھی ہواتھا)اس میں شاندار تقریریں ہوئیں، لفظی قرادادیں پاس ہوئیں مگراس سے آگے کوئی بات نہیں بڑھ سکی۔ ایران نے تجویز دی تھی کہ جن مسلمان اورعرب ممالک نے اسرائیل سے تعلقات بحال کرلیے ہیں وہ ان کوتوڑدیں اوراس کے ساتھ تجارت بندکردیں مگراس تجویزپر کسی نے کان نہیں دھرے یعنی عملا یہ اجلاس نششتندوگفتندوبرخاستن پر ختم ہوگیا۔
    یہ البتہ خوش آئندہے کہ فلسطین کے پڑوس میں ایک آزادمسلم مملکت قائم ہوگی ہے یعنی شام کا انقلاب کامیاب ہوگیاہے۔ یہ نظریاتی لوگ ہیں اورمستقبل میں ان سے فلسطین کے لیے بھی خیرکی ہی امیدکی جانی چاہیے۔ امریکہ اوراسرائیل دونوں کی کوشش یہ ہے کہ آئندہ غزہ کے نظم ونسق سے خودفلسطینیوں کوبے دخل رکھا جائے تاہم الجزیرہ سے بات کرتے ہوئے حماس کے ایک قائداسامہ حمدان نے یہ صاف کردیاہے کہ فلسطینی اپنے امورومعاملات خودطے کرنے کے اپنے حق سے کبھی دستبردارنہیں ہوں گے اورفتح کی طرح حماس بھی فلسطینی سوسائٹی کا ایک ناگزیرحصہ ہے۔ بہرحال اب یہ دیکھنے والی بات ہوگی کہ جانبین کی طرف سے قیدیوں کے تبادلہ کا عمل اوراس کے بعدکے جنگ بندی کے مراحل کس طرح عمل میں آتے ہیں اورخطہ کی سیاست پر اس کے کیااثرات مرتب ہوں گے۔
    ٭ریسرچ ایسوسی ایٹ، مرکز فروغ تعلیم وثقافت مسلمانان ہند/تہذیب الاخلاق، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، علی گڑھ

  • پیغام ربانی

    پیغام ربانی

    اے نبیؐ تمہارے رب کی کتاب میں سے جو کچھ تم پر وحی کیا گیا ہے اسے (جُوں کا تُوں) سُنا دو، کوئی اُس کے فرمودات کو بدل دینے کا مجاز نہیں ہے، (اور اگر تم کسی کی خاطر اس میں ردّو بدل کرو گے تو) اُس سے بچ کر بھاگنے کے لیے کوئی جائے پناہ نہ پاوٴ گے۔ اور اپنے دل کو اُن لوگوں کی معیّت پر مطمئن کرو جو اپنے ربّ کی رضا کے طلب گار بن کر صبح و شام اُسے پکارتے ہیں، اور اُن سے ہر گز نگاہ نہ پھیرو۔ کیا تم دنیا کی زینت پسند کرتے ہو؟ کسی ایسے شخص کی اطاعت نہ کرو جس کے دل کو ہم نے اپنی یاد سے غافل کر دیا ہے اور جس نے اپنی خواہش ِ نفس کی پیروی اختیار کر لی ہے اور جس کا طریقِ کار افراط و تفریط پر مبنی ہے۔

    (سورہ  کہف آیت 28 -27)

  • شام کا انقلاب اوربدلتا مشرق وسطیٰ

    شام کا انقلاب اوربدلتا مشرق وسطیٰ

     

    مشرق وسطی ٰ میں تبدیلیوں کی رفتار دنیاکے دوسرے خطوں کے مقابلہ میں کہیں زیادہ تیز ہے۔ یہ وہ بدقسمت خطہ ہے جہاں تیل کے سب سے زیادہ ذخائر ہیں-  تاریخی خطہ ہونے کے علاوہ اس کی اسٹریجک اہمیت بھی بہت زیادہ ہے اس کے باوجود یہاں کے لوگ اپنی قسمت کے مالک نہیں۔ خلافت ِعثمانیہ سے بغاوت کرکے ٹوٹنے کے بعد یوروپی استعمارکے دوستونوں فرانس اوربرطانیہ نے 1916 میں سائکس پیکو(Sykes-Picot)کے خفیہ معاہدے کے ذریعہ اس خطہ کے حصے بخرے کرڈالے اوران کواپنے درمیان بانٹ لیا تھا- اس کے نتیجہ میں مختلف چھوٹے چھوٹے رجواڑوں کا وجود ہوا۔ عراق پر انگریزوں نے قبضہ کیااور استعماری طاقتوں نے شام کوفرانس کو دے دیا۔جس نے پہلے تواس کی مزیدتقسیم کرکے اس کوغیرمتحدکردیا- چنانچہ طرابلس،اورالجبل کولبنان کے نام سے علیحدہ کردیا گیا، جس کی وجہ سے مسلمان اکثریت یک دم اقلیت میں بدل گئی، کیونکہ شام کے اِس جنوبی حصہ میں مسیحیوں کی بہت بڑی آبادی تھی۔لبنان کے علاوہ لاذقیہ اوربلادالعلویین کے نام سے مزیدچھوٹی ریاستیں بنائی گئیں۔ باقی جوبچااُسے سوریا (سیریا)کے نام سے الگ ملک بنادیا گیا۔  یوں شامیوں کوبہت کمزورکردیا گیاتھا۔

    تاہم شام یاسیریا میں قوم پرست حریت پسند اٹھ کھڑے ہوئے اورانہوں نے پہلے فرانسیسی استعمارکے خلاف مسلح جدوجہد کی اور جب ان کی فوجی بغاوت کچل دی گئی تو پرامن طریقے سے دوسرے محاذ ںپر کام کیا۔ قاہرہ، پیرس،جنیوااورنیویارک میں نشرواشاعت کے ادارے قائم کیے، جریدے نکالے ،آخرمیں قوم پرستوں نے ایک عام ہڑتا ل کردی، جوپچاس دن تک جاری رہی جس کے آگے حکومت ِفرانس کوبلا آخرجھکنا پڑا۔ستمبر 1936 میں عرب قوم پرستوں اورحکومت ِفرانس کے درمیان ایک معاہدہ ہوا جس کی روسے شام کومتحدکردیا گیا۔لیکن آزادی کے بعدشام میں بعثی نصیری نظریہ اورکبھی کیمونسٹ عناصراقتدارمیں آتے رہے مگران سب نے نہ صرف مذہب پسندوں کا گلا دبایا بلکہ انہوں نے ملک پر بدترین آمریت مسلط کردی، مثلاکرنل حسنی زعیم ،سامی الحفناوی، نورالدین الاتاسی، ادیب ششکلی، جنرل امین الحافظ اورحافظ الاسد- یہ وہ ظالم وسفاک فوجی جنرل تھے جوسب بعثی یاکمیونسٹ رجحان رکھتے تھے اور جوملک میں باربارفوجی انقلاب لاتے رہے ۔انہوں نے بنیادی انسانی حقوق کو پامال کیااورسنی مسلمانوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ دیے۔

    شام میں علویوں کا فوجی اوربعثی سوشلسٹ اقتداربشارکے باپ حافظ الاسد نے 1970 میں قائم کیاتھا۔ اس نے آہنی پنجوں سے ملک پر حکومت کی۔ یہ ملک پولیس اسٹیٹ بلکہ انٹیلی جنس اسٹیٹ بن گیا تھا، جہاں کے جیل خانے بدترین تعذیب خانے تھے۔ حافظ الاسد کے وحشیانہ مظالم کے خلاف اس سے قبل بھی آوازیں اٹھیں۔ خاص طورپر اخوان المسلمون کی سرکردگی میں مذہبی مسلمانوں نے 1982 میں حماۃ شہر میں انقلاب برپا کیا، جس کوحافظ الاسد نے بمباری کرکے اس طرح کچلا کہ شہرمیں دس ہزار اسلام پسند مسلمانوں کومار دیا گیا- اس کوتاریخ میں مجزرۃ حماۃ(حماۃ قتل عام)کے نام سے جاناجاتاہے۔ اس کے بعد 2011 میں جب تیونس میں خوانچہ فروش بوعزیزی نے اپنے آپ کوسپردخاک کردیا تویک دم عرب اسپرنگ یاالربیع العربی کا شعلہ جوالہ پھوٹ پڑااور یہ بہارعرب تیونس،الجزائر،مصرہوتے ہوئے شام میں بھی داخل ہوئی۔ درعاشہرمیں ایک چودہ سالہ لڑکے معاویہ سیاسنہ نے بشارالاسدکے خلاف دیوارپر ایک نعرہ لکھ دیاتھا(اجاک الدور یادکتور ،ڈاکٹر اب تمہاری باری ہے) یادرہے کہ بشارالاسد تعلیم کے لحاظ سے آنکھوں کا ڈاکٹرہے ۔اُس نوجوان کواوراس کے کم سن ساتھیوں کوگرفتارکرکے شدیدٹارچرکیاگیا۔اس کے خلاف لوگوں نے مظاہرہ کیا تو بشار کی پولیس نے مظاہرہ میں شامل بہت سے نوجوانوں کوپکڑکر ان پر تشدد کیا اور ہلاک کردیا جن میں تیرہ سالہ حمزہ بھی تھا جس کی قبرپر اب انقلاب شام کا جھنڈالہرارہاہے۔ جب ان بچوں کے والدین ان کولینے کے لیے پولیس اسٹیشن پہنچے توبشارکی انٹیلی جنس کے ایک بے رحم اور سفاک افسرنے ان سے کہاکہ ’’اپنی بیویوں کے پاس جاؤاوربچے پیداکرلواگرتم نہ کرسکوتوان کو ہمارے پاس بھیج دوہم  پیداکر دیں گے ‘‘اس خبیث جملہ نے درعا،ادلب اورحلب میں آگ لگادی اور ہزاروں لوگ اس نظام کے خلاف نکل آئے ۔ان پرپولیس اورفوج نے بے محاباگولیاں چلائیں سینکڑوں لوگ جان سے گئے۔ نتیجہ میں سارے شام میں سنی مسلمان اس حکومت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے۔ پہلے ملک گیرپُرامن احتجاج ہوئے اورپھرپولیس اورشامی فوج کے تشددکے ردعمل میں مسلح بغاوت یا جدوجہدنے جنم لیا۔آغاز میں سیرین آرمی بنی جس نے ملک کے خاصے حصے کوبشارکے جبرسے آزادکروالیا۔لیکن افسوس کہ خلیج کے بے ضمیرعرب حکمرانوں نے اپنی اپنی سیاست کھیلنی شروع کردی اور مذہب ومسلک کی بنیادپر ایسے پرتشدد تکفیری گروپ میدان میں اترگئے جنہوں نے شیعوں کا قتل عام کیا۔ ردعمل میں مختلف ملکوں سے’’ فاطمیوں اور زینبیون ‘‘ کے نام سے شیعہ رضاکارملیشیائیں بڑی تعدادمیں شام میں داخل ہوگئیں اورانہوں نے شامی فوج کے ساتھ مل کروحشیانہ اندازمیں انتقامی کارروائیاں کیں۔ حزب اللہ نے بھی اپنے فوجی دستے وہاں اتار دیے۔ فاسفورس گیس تک بے قصورشہریوں پر استعمال کی گئی جس سے ہزاروں بچے، عورتیں اوربوڑھے ایڑیاں رگڑ رگڑکر مرگئے۔عالمی میڈیانے اس کورپورٹ بھی کیااورامریکی صدربراک اوبامانے فوجی حملہ کی دھمکی بھی دی مگرکیاکچھ نہیں ۔

    اسی درمیان عراق میں شیعہ ملیشیاؤں کی دہشت گردی کے خلاف سنی پرتشدد مزاحمت شروع ہوگئی جس میں صدام حسین کی ختم کردی گئی بعثی فوج کے سپاہی بڑی تعداد میں داخل ہوگئے اوریوں  ISIS کا ظہورہوا جس کوامریکی سی آئے نے بھی اپنے لانگ ٹرم مفادات کے تحت تقویت پہنچائی، جس نے عراق و شام کے ایک بڑے حصہ پر اپنی پُرتشدد خلافت ابوبکرالبغدادی کی قیادت میں قائم کردی اوریوں شام کے اسلامی انقلاب کی راہ کھوٹی کردی۔

    امریکہ اور روس کی وحشیانہ بمباری سے ISIS کا دارالخلافہ رقہ شہر برباد ہوگیااورآخر میں جعلی خلافت کی یہ تحریک ختم ہوگئی۔ شام میں انقلابی بہت سے ٹکڑیوں میں بٹ گئے تھے۔ ملک کی آدھی آبادی غیرملکوں میں یاخود شام کے اندرہی رفیوجی کیمپوں میں رہ رہی تھی۔ ملک کی معیشت بربادہوگئی- بشارالاسدکی حمایت ایران، روس،عراق کی شیعہ ملیشیائیں اورحزب اللہ کے لڑاکے کررہے تھے۔ اُس وقت ان سب نے مل کراسدنظام کے لاشے کوسہارا دے دیااوراس کو گرنے سے بچالیا۔ ایران و روس کی مداخلت سے بہارعرب بھی ٹھٹھرکررہ گئی۔ اُس کے بعدخلیج کی ثروت مند ریاستوں بالخصوص سعودی عرب اورامارات نے امریکہ کے ساتھ مل کرمصرمیں محمد مرسی مرحوم کی جمہوری طورپر منتخب حکومت کا خاتمہ کر دیا- جب مصرمیں اس بہار کا خاتمہ ہوا تو دوسرے ملکوں میں خودبخود ہوگیا۔

    اب جبکہ روس یوکرین میں پھنسا ہوا ہے، حزب اللہ پر اسرائیل نے شدیدضرب لگائی ہے۔ ایران کے حالا ت بھی دگرگوں ہیں، ترکی کی خاموش مدد سے ادلب میں بہت دنوں سے فوجی تربیت لینے والے شامی انقلابی ہیئۃ تحریرالشام( HTS)کے بینرتلے جمع ہوکر دفعتاََ باہرنکلے اورانہوں نے 27نومبر 2024 کواسد کی فوجوں پر ملک کی آزادی کے لیے حملے شروع کیے تواس کی فوجیں ان کے آگے خس وخاشاک کی طرح بہ گئیں۔اورصرف دس دنوں کے اندر اندر یہ غاصب نظام ڈھ کررہ گیا۔ترکی نے بڑی خاموشی سے یہ کارنامہ انجام دیاہے اور آئندہ خطہ میں اس کے بہت مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔روس اورایران نے بھی بہت کھل کربشارالاسدکا ساتھ اس لیے نہیں دیاکہ ان لوگوں کواندازہ تھا کہ انقلابی اس بار،  شامی فوج جوزیادہ ترجبراً بھرتی کے سپاہیوں پر مشتمل تھی جس کا مورال ڈاؤن تھا،سے نہیں رک پائیں گے ۔چنانچہ انقلابیوں کے حملہ سے چند دن پیشتر ہی دوحہ قطر میں روس ،ترکی اورقطرکا اجلاس ہواتھا جس میں انہوں نے بشارالاسد کو یہی صلاح دی تھی کہ وہ انقلابیوں سے ڈائلاگ کا راستہ اپنائے مگربشارالاسد کے  دن گنے جاچکے تھے اس کویہ بات سمجھ میں نہیں آئی اورروس وایران نے بھی اس کا کوئی عملی فائدہ نہ دیکھ کراس سے کنارہ کشی اختیارکرلی۔

    شامی انقلاب اپنے دوسرے مرحلہ میں آناًفاناً  فتح یاب ہوگیا ،بشارالاسد کا ظالم نظام 54 سال کے مسلسل غاصبانہ اورآمرانہ اقتدارمیں رہنے کے بعدمحض دس دنوں میں  زمیں بوس ہوکررہ گیا۔طالبان کے ہاتھوں  سقوط ِکابل میں 14 دن لگے تھے مگر دمشق کاسقوط صرف دس د نوں میں ہی  ہوگیا۔بشارالاسداپنی فیملی کے ساتھ ملک چھوڑکرفرارہوگیا۔روس کی شدید بمباری اور ایرانی ملیشیااس کے کچھ کام نہ آسکی: وہ  بالآخربشارالاسدسے ملک کوآزادکرانے کے اپنے مشن میں کامیاب ہوگئے۔

    دمشق کی فتح کے بعدقائد انقلاب احمدالشرع المعروف بہ ابومحمدالجولانی نے جامع اموی پہنچ کرنمازاداکی اورخطاب کیا۔انہوں نے  اپنے خطاب میں تمام شامیوں کوبشارالاسدکے مظالم سے چھٹکارادلانے کا اعلان کیا۔وعدہ کیاکہ جلدہی سولین حکومت قائم کی جائے گی اورسب شامیوں کے حقوق محفوظ ہوں گے۔ملک میں استحکام اورسیاسی امن لایاجائے گا۔مضبوط سول ادارے قائم ہوں گے  اورسیریاکوایک خوش حال ملک بنایاجائے گا۔  چند دن بعدجمعہ کے دن اس تاریخی مسجدمیں پچاس سال میں پہلی بارآزادی سے جمعہ کا خطبہ دیاگیا۔اس سے پہلے توحکومت کی طرف سے مخصوص کلمات پر مشتمل خطبہ بھیجاجاتاتھا۔

    دمشق کے عمایداورمختلف تنظیموں کے  ذمہ داران سے ایک ملاقات میں قائدانقلاب محمدالجولانی نے بتایاکہ یہ انقلاب بظاہراچانک سے اٹھااورکامیاب ہوگیا مگرایسانہیں ہے ۔ہم اس کی تیاری 21 سال سے کررہے تھے۔ اوراس میں کسی ملک یابیرونی طاقت نے ہماراساتھ نہیں دیااور نہ کسی نے باہرسے ہمیں ابھارا بلکہ یہ سب ہمارے اپنے خون پسینے کی کمائی ہے- یہ ہتھیاربھی ہم نے خودبنائے ہیں ۔بیرونی قوتوں کے اپنے مصالح ہوتے ہیں۔شام میں اس وقت ظالم اسدکے نظام کا تختہ پلٹنے میں کوئی بھی طاقت اپنے لیے کسی  فائدہ کا سودانہیں سمجھ رہی تھی۔

    اسد کی جیلوں(خاص کرصیدانایاجیل جہاں انسانوں کی کھال اتاری جاتی تھی)سے قیدیوں  کو رہاکیا گیا۔فرع فلسطین کے نام سے ایک تین منزلہ جیل تھی جس میں موت کے کمرے تھے۔اورایسے آلات تھے جن سے مردہ قیدیوں کے جسم کوتوڑکرباہرپھینک دیاجاتاتھا۔جیل میں اجتماعی قبریں بھی دریافت ہوئیں ان میں ایک ساتھ بہت سے قیدیوں کویونہی دفن کردیا جاتا تھا۔ایسے کمرے ملے جن میں نمک ہی نمک تھا۔ایسے سیل تھے جن میں قیدیوں کو تعذیب کے مختلف طریقوں سے ٹارچرکیاجاتااورپھران کا نام ونشان مٹادیاجاتا۔

    میڈیاکے لوگوں کو وہاں بہت سے آئی کارڈ،شناختی دستاویزات اورتعلیمی سرٹیفیکیٹ ملے جن کے حاملین موجودنہیں ہیں یعنی ان کوبے رحمی سے ماردیاگیااورپھرلواحقین کوان کی نعشیں بھی نہیں دی گئیں۔ ایک ایسابھی قیدی تھا جسے کم سنی میں جیل میں ٹھونس دیاگیاتھااور وہ چالیس سال سے وہاں ایڑیاں رگڑرہاتھا۔اُس کو یقین نہیں آرہاتھا کہ اس کوقیدکرنے والاظالم نظام ختم ہوچکاہے۔ایک شامی پائلیٹ نے حافظ الاسدکے زمانہ میں حماۃ پر بمباری کرنے سے منع کیاتھااس کوجیل میں ڈال دیاگیا-  اس وقت وہ نوجوان تھاآج ۳۸ سال بعدبوڑھاہوکرجیل سے باہرآیاہے ۔قیدیوں میں   بہت ساری خواتین بھی تھیں جن میں اکثرمذہبی گھرانوں کی تھیں۔ان سب کی خوشی دیدنی تھی۔کچھ لوگ ایسے بھی تھے جنہوں نے برسوں سے سورج نہیں دیکھا تھا۔ جب ان کوجیل سے نکالاگیاتووہ پوچھ رہے تھے کہ کیاحافظ الاسدمرگیا؟ ان کوپتہ ہی نہیں تھاکہ حافظ الاسدکے بعداب اس کے بیٹے بشارالاسدکا بھی یوم حساب آچکاہے۔ غرض تعذیب کی وہ خوفناک کہانیاں اسدحکومت کی جیلوں سے سامنے آرہی ہیں کہ جن کودیکھ کرایران اورحزب اللہ پر حیرت ہوتی ہے کہ ایسے ظالمانہ نظام کواِنہوں نے کیسے سہارا دے رکھاتھا!

    انقلاب کا ایک مرحلہ پورا ہوا اب زیادہ مشکل مرحلہ ملک کی تعمیرِنو کا ہے جس میں بہت سارے چیلنجز ہیں۔ایک  بڑاچیلنج توفورا اسرائیلی جارحیت کوروکناہے ۔جس نے اسدحکومت کا تختہ پلٹنے کے اس بحرانی دورکواپنے لیے غنیمت سمجھ کراپنے گریٹراسرائیل کے منصوبہ کوبروئے کارلاناشروع کردیاہے اورامریکہ کی حمایت اسے حاصل ہے۔ چنانچہ چندہی دنوں کے اندراس نے سیریاکے   450فوجی سائٹس کونشانہ بنایا۔اوراس کے اپنے اعلان کے مطابق اس نے سیریاکی 80  فیصدفوجی صلاحیت ،ہتھیار،فوجی ٹھکانے اورحساس ادارے بربادکردیے ہیں۔ گولان کی ہائٹس پر اس کا پہلے سے قبضہ ہے مگراب وہ سیریاکی سرحدوں میں گھس کر  گولان کے سارے علاقہ پر قبضہ کرچکاہے اوراس کواسرائیل میں ضم کرنے کے خواب دیکھ رہاہے۔

    اسرائیل کی لامحدودفضائی قوت ایک ایسی چیزہے جس کاکوئی توڑ مزاحمتی قوتوں کے  پاس نہیں ہے۔مجموعی طورپر توشامی انقلاب خوش آئندہے البتہ اس کا ایک منفی پہلو یہ  ہے کہ خطہ میں اسرائیل کے خلاف مزاحمتی قوتیں کمزور ہوئی ہیں- ایران کے پراکسی حزب اللہ کی سپلائی لائن متاثر ہوگئی ہے- اب اس کے سامنے بظاہرگریٹراسرائیل کے منصوبے کوچیلنج کرنے والاکوئی نہیں ہے۔ شامی انقلابی حکومت ابھی عبورری دور میں ہے اور یہ بہت نازک مرحلہ ہے۔ ابھی انہیں ملک کواستحکام کی طرف لے جانے میں وقت لگے گا۔ اسرائیل اورامریکہ چاہتے بھی یہی ہیں کہ سیریا ایک ایسا ملک بن کررہے جس کے پاس کوئی فوجی قوت نہ ہواورجوکبھی بھی اسرائیل کے سامنے کھڑانہ ہوسکے ۔فی الحال محمدالبشیرکوملک کا نیاوزیراعظم مقررکیاگیاہے ۔کمانڈرالجولانی نے اسرائیل کے حملوں پر تنقیداوراپنی تشویش کا اظہارکرنے میں دیرلگائی ،اب شایدنئی حکومت یواین اومیں اس مسئلہ کواٹھانے جارہی ہے۔ ہوناتویہ چاہیے تھاکہ ملک کے استحکام کے ساتھ ہی اس محاظ پر فوری توجہ دی جاتی اورانقلابیوں کی خاطرخواہ نفری اسرائیلی بارڈریعنی گولان ہائٹس پر متعین کی جاتی اوراسد کی آرمی نے جن ٹھکانوں،چوکیو ں اوراسلحہ ڈپوکوچھوڑدیاہے ان کوفوراً اپنے کنٹرول میں لے کران کا تحفظ کیاجاتا۔

    بعض مبصرین کا یہ بھی تجزیہ ہے کہ اِس انقلاب کوامریکہ کی حمایت بھی حاصل رہی کیونکہ امریکی صدرجوبائڈن کی صدارت کے دن اب ختم ہونے والے ہیں اوروہ خطہ میں اپنی کوئی مثبتlegacy چھوڑکرجاناچاہتے ہیں، کیونکہ غزہ میں اسرائیل نے جوتباہی مچائی ہے اوراس میں جوبائڈن نے آنکھ بندکرکے جس طرح اسرائیل کا ساتھ دیاہے اُس نے دنیابھرمیں ان کی کِرکری کرادی ہے۔امریکی عوام بھی اُس سے خوش نہیں اس لیے ان کی پارٹی کوصدارتی انتخابات میں ذلت آمیزشکست کا سامناکرناپڑا۔اس لیے سی آئی اے نے ناٹوممالک نے اورترکی نے شامی انقلابیوں کوآگے بڑھاکرکامیاب کرادیاہے۔ ہوسکتاہے اس تجزیہ میں کچھ دم ہومگرآئندہ نئی شامی حکومت سے یہ مغربی قوتیں کس طرح تعاون کرتی ہیں اس سے ہی اس بات کا تیقن ہوسکے گا۔

    ملک کی نئی حکومت کے سامنے دوسرابڑاچیلنج مختلف تنظیموں کویکجا کرکے ایک متحدسیریائی آرمی کی تشکیل ہے۔اس وقت صورت حال بڑی پیچیدہ سی ہے۔ ہیئہ تحریرالشام  یا HTSجس نے یہ انقلاب برپاکیاکے علاوہ بھی انقلابیوں کے بہت سے گٹ ہیں جوآپس میں بھی متصادم ہیں۔فری سیرین آرمی ہے جس کوترکی نے کھڑاکیاتھااورآج کل اس کوSNA سیرین نیشنل آرمی کہتے ہیں۔شام کے شمال میں کردوں کی SDF ہے جس نے ایک علاقہ پر قبضہ کر رکھاہے ،جس کوترکی اپنے لیے بڑاخطرہ سمجھتاہے کیونکہ اس گروپ نے آزادکردستان کے خواب پال رکھے ہیں- جو ترکی ،سیریااورعراق تینوں کے لیے پریشانی کاباعث ہے کیونکہ کردسنی کمیونیٹی ان تینوں ملکوں میں  پھیلی ہوئی ہے اوراس میں متشدد عناصرزیادہ ترغیرمذہبی ہیں اورامریکی حمایت کے زیرسایہ ہیں۔خود ہیئۃ تحریرالشام کوامریکہ نے ایک دہشت گردتنظیم قراردے رکھاہے اورمحمدالجولانی کے سرپر دس ملین ڈالرکا انعام رکھاہواہے۔اس لیے یہ ضروری ہے کہ یہ سارے گروپ اپنے گروہی تعصبات کوچھوڑکرایک ملکی وحدت میں منسلک ہوجائیں اور  ان کے انقلابی مجاہدسب نئی سیرین آرمی کا حصہ بنالیے جائیں۔

    ملک کی اکثریت عرب سنی مسلمانوں پر مشتمل ہے جوسترفیصدسے بھی زیادہ ہیں۔ ان کے علاوہ کردہیں(وہ بھی سنی ہیں)اسماعیلی ہیں،دروز ہیں،یزیدی ہیں،عیسائی ہیں اورعلوی نصیری ہیں جن کا اپناعلاقہ ہے۔ان سب اقلیتی گروپوں کو بھی حکومت میں جائزحصہ دیناہوگا۔ملک کے ایک حصہ پر ترکی بھی قابض ہے جبکہ امریکہ کا بھی ایک بیس یہاں ہے جس میں 900امریکی فوجی موجودہیں۔نیزلتاکیہ اورطرطوس میں روس کی ائربیس بھی ہیں۔یعنی یہ کہنابالکل بجاہوگاکہ فی الحال شام تمام بڑی قوتوں  کا اکھاڑابناہواہے اوراس میں حالات کومعمول پرلاناجوئے شیرلانے سے کم نہیں۔اس لیے ملک کوسنبھالنااوروہاں سیاسی استحکام لانا، پڑوسی ممالک سے بہترتعلقات قائم رکھنا، امریکہ اورروس دونوں سے تعلقات میں توازن برقراررکھنا بڑی  سیاسی سوجھ بوجھ اوربین الاقوامی سیاست کے اتارچڑھاؤاوراپنے ملک کی نازک صورت حال کوباریکی سے سمجھ کراس سے عہدہ برآہونے کا تقاضاکرتے ہیں۔ملک کی معیشت بالکل چرمراکررہ گئی ہے۔بجلی کی سپلائی کایہ حال ہے کہ اگرروزانہ تین گھنٹے بھی آجائے توغنیمت ہے۔سردست کمانڈرجولانی نے جوبیانات دیے ہیں، جس طرح وہ اقلیتوں سے مل رہے ہیں اورجس طرح اپنے فوجیوں کوامن وامان قائم کرنے میں لگایاہے اس سے ملک میں استحکام لانے کے عندیہ کا پتہ چلتاہے۔

    ٭ رسرچ ایسوسی ایٹ مرکزفروغ تعلیم وثقافت مسلمانان ہندعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی علی گڑھ

    ای میل :mohammad.ghitreef@gmail.com

  • انقلاب شام اور فلسطین

    انقلاب شام اور فلسطین

    سوال یہ ہے کہ شام میں ہونے والی حالیہ تبدیلیوں کا فلسطینیوں پر کیا اثر پڑے گا؟ کچھ تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ بشار الاسد ایک مزاحمتی محور کا حصہ تھے، جس میں ایران، عراق، یمن، لبنان اور غزہ شامل ہیں، اور اسد کا تختہ الٹنے سے فلسطینیوں کے لیے مشکلات پیدا ہوں گی۔جبکہ بعض دیگر تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اسد حکومت قابض اسرائیل کی محض ایک محافظ تھی اور اس کا زوال اور ہیئۃ تحریر الشام (HTS) کا شام میں غالب قوت کے طور پر ابھرنا اسرائیل کے لیے تشویش کا باعث ہے۔

    ایک فلسطینی کے طور پر  میں اسد کو صرف اسرائیل کا محافظ نہیں بلکہ اس کا مدافع سمجھتا ہوں۔ اسد کا خاندان، جس کا تعلق علوی فرقہ سے ہے، اسرائیل کے ساتھ مبینہ دشمنی کو اپنے مطلق العنان اقتدار جو دراصل شامی عوام پر ظلم و جبر اور ان کی آزادی کو کچلنے پر مبنی تھا،کو مضبوط کرنے کے لیے استعمال کرتا رہا تاکہ اسرائیلی قبضے کے خلاف حقیقی کوششوں کو روکا جا سکے۔درحقیقت یہ ایک عدم مداخلت یا دستبرداری  کا معاہدہ تھا جو 1974 میں اسرائیل اور اسد حکومت کے درمیان طے پایا تھا، جس کے تحت چھ روزہ جنگ کے بعد ہونے والی جھڑپوں کا خاتمہ ہوا اور ایک اقوام متحدہ  کی نگرانی میں ایک  بفر زون تشکیل دیا  گیا۔

    بشار الا اسد حکومت نے امریکہ کی ثالثی میں ہونے والے اس معاہدہ کی  اپنی طرف سے بھرپور پاسداری کی۔ لیکن بچپن   سے لے کر اب تک میں نے اسرائیل کی طرف سے معاہدہ کی   خلاف ورزیوں کو بار بار دیکھا ہے۔ اسد حکومت کا ہمیشہ سے ردِعمل یہی رہا کہ وہ عالمی برادری  کے ساتھ اس معاملہ کو اٹھائے گا ۔ وہ مناسب وقت اور جگہ پر جواب دینے کا عہد کرتا ہے  لیکن اس نے  اس عہد کوکبھی پورا نہیں کیا۔

    یہ امن معاہدہ جو عرب حکومتوں اور اسرائیل کے درمیان اپنی نوعیت کا پہلا معاہدہ تھا، 45 سال سے زیادہ جاری رہا۔ اس دوران اسد حکومت نے شام کو اسرائیل اور عرب و مسلم ممالک کے درمیان ایک بفر زون میں تبدیل کر دیا اور ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو اسرائیل کے خلاف مزاحمت کی کسی بھی کوشش کو کچلنے کےایک بہانے کے طور پر استعمال کیا۔ یہاں تک کہ اسد حکومت نے 1980 کی دہائی میں گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیلی قبضہ کے خلاف بھی کوئی کارروائی نہیں کی۔

    بشار الاسد  اور اس کے خاندان کے دور حکومت میں نہ صرف شام کے لوگ مصائب جھیلتے رہے بلکہ 50 لاکھ فلسطینی پناہ گزینوں کو بھی شدید آزمائش کا سامنا رہا۔ 2011 میں شروع ہونے والے شامی انقلاب کے دوران اسد حکومت نے سیکڑوں فلسطینیوں کو قتل اور قیدکیا۔ بہت سارے لوگ جبری طو ر پر غائب اور بے گھر ہوئے۔ اسد حکومت کے خاتمے کے بعد اب تک 600 سے زیادہ فلسطینیوں کو جیلوں سے رہا کیا گیا ہے جن میں حماس کے عسکری شعبہ القسام بریگیڈ کے مجاہدین بھی شامل ہیں۔ حماس کے مجاہدین نے اسرائیلی قبضے کے خلاف کارروائی  میں کبھی شام کی سرزمین کا استعمال نہیں کیا پھر بھی شامی حکومت نے انہیں اسرائیل کی حفاظت کےاپنے فرض کے طور پر گرفتار کرلیا۔ اگرچہ بہت سے لوگ اس بات پر زور دیتے ہیں کہ اسد حکومت نے حماس کی قیادت اور تربیتی مراکز کی میزبانی کی، لیکن اس کا مقصد دراصل نام نہاد "محورِ مزاحمت” کو مضبوط کرنا تھا۔ اس نے اسرائیل کو یہ موقع فراہم کیا کہ وہ  خود کو مظلوم ظاہر کرے اور ایران اور اس کے حامی گروہوں سے درپیش "وجودی خطرے” کے خلاف جنگ کا جواز پیش کر سکے۔

    اب جب کہ شامی حکومت کا خاتمہ ہو چکا ہے اور حزب اللہ کواس کی سپلائی لائن کے ٹوٹنے کی وجہ سے شدید اور ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ چکا ہے، انقلابی رہنما ابو محمد الجولانی کی قیادت میں سنی مسلمان علاقے میں ایک بڑی طاقت کے طور پر اُبھریں گے اور فلسطین کی آزادی کے لیے کام کریں گے۔

    بہت سے لوگوں کا دعویٰ ہے کہ الجولانی ایک انتہا پسند ہیں، اور ان کی قیادت میں شامی باغی ملک میں انتشار اور عدم استحکام کا باعث بنیں گے، ساتھ ہی شریعت کے قوانین کی انتہا پسندانہ تشریحات بھی سامنے آئیں گی۔ لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے، کیوں کہ  الجولانی، جنہوں نے امریکی حمایت یافتہ القاعدہ سے علیحدگی اختیار کر لی تھی، نے معتدل اور مؤثر باغی دھڑوں کو متحد کر کے ادلب میں ایک مستحکم نیم خودمختار ریاست قائم کی۔ اس ریاست میں اقلیتوں کا احترام ہے اور شریعت کے قوانین صرف ان علاقوں میں نافذ کیے گئے جہاں عوام نے اسے قبول کیا۔ جن علاقوں نے اسے مسترد کیا وہاں نافذ نہیں کیے گئے۔ عیسائیوں کو کلیساؤں میں آزادانہ طور پر عبادت کرنے کا حق دیا گیا۔

    الجولانی نے ایک کامیاب طرزِ حکمرانی کا نظام قائم کیا جو تمام شعبوں، بشمول فوجی صنعت، کا احاطہ کرتا ہے۔ انہوں نے جدید ترین نگرانی اور حملہ آور ڈرونز، بھاری وارہیڈ والے میزائل اور دیگر اہم ساز و سامان تیار کیے، جو بیشتر آزاد عرب اور مسلم ممالک بھی تیار نہیں کر سکے۔ اب انہیں شام کے استحکام پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ جولانی کو چاہیے کہ وہ حکومت کی پرامن منتقلی، ریاستی اداروں کی تعمیر نو، مختلف فرقوں اور نسلی گروہوں کے درمیان سماجی مفاہمت، ایک نئے آئین کی تدوین اور شام کے بین الاقوامی تعلقات کی بحالی پر کام کریں۔ جب یہ مقاصد حاصل ہو جائیں، تو وہ اسرائیل کی جانب اپنی توجہ مرکوز کر سکتے ہیں۔

    کوئی بھی غیر مستحکم ملک، جس کا سیاسی اور سماجی نظام کمزور ہو، کسی بھی ملک کے ساتھ جنگ ​​ نہیں کر سکتا، چاہے مدمقابل دنیا کا سب سے کمزور ملک ہی کیوں نہ ہو۔امید ہے کہ الجولانی، جو گولان کے پہاڑی علاقے سے تعلق رکھتے ہیں، اپنے وطن کو کبھی  فراموش نہیں  کریں گے۔

    اس دوران اسرائیل نے اعلان کیا کہ وہ شام کے ساتھ اپنے امن معاہدے سے دستبردار ہو رہا ہے، کیوں کہ اس کے مطابق یہ معاہدہ اب "ختم ہو چکا” ہے۔ اسرائیل نے اپنی قابض فوج کو گولان کی پہاڑیوں کے مقبوضہ علاقے، جبل الشیخ (کوہ حرمون) اور القنیطرہ صوبے کے کئی علاقوں کا کنٹرول سنبھالنے کا حکم دیا۔ یہ الجولانی کو اسرائیل کے ساتھ نئے سرے سے آغاز کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے، تو توقع ہے کہ امریکہ اور دیگر بین الاقوامی طاقتیں شام میں افراتفری پھیلانے کے ارادے سے ہی سہی، مداخلت کریں گی۔

    موجودہ صورت حال  میں اسرائیل اور اس کے تمام اتحادیوں کی کوشش ہے کہ شام کمزور ہو اورکوئی مثبت تبدیلی تاخیر کا شکار ہو۔ اس کی ایک وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ اسد کی معزولی اور "محور مزاحمت” کا خاتمہ فلسطینیوں کے لیے اس کے برعکس یعنی اسد کی حکومت اور نام نہاد محور مزاحمت سے زیادہ بہتر ہے۔