Author: مدیر

  • سنبھل کی شاہی جامع مسجد

    سنبھل کی شاہی جامع مسجد

     

    بنارس کی گیان واپی مسجد اور متھرا کی شاہی عید گاہ کے مندرہونے کے فرضی دعوؤں کے درمیان یو پی کے ضلع سنبھل کی تاریخی شاہی جامع مسجد کو مندر میں تبدیل کرنے کی حکومت کی مذموم کوششیں تیزتر ہو گئی ہیں ۔ بابری مسجد کی طرح ہی سنبھل کی شاہی جامع مسجد کو مغل باد شاہ بابر سے جوڑ دیا گیا ہے۔ یہ سب کچھ مقامی عدالت کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔ سنبھل پولیس کی پر تشدد کاروائیوں میں پانچ مسلم نوجوان شہید ہوگئے۔

    سنبھل سے تقریباً25؍ کلو میٹر دور واقع کیلا دیوی مندر کے مہنت رشی راج اور ان کے ساتھیوں نے 19؍ نومبر 2024 کو سول عدالت میں ایک عرضی داخل کی۔ اس عرضی میں دعویٰ کیا گیا کہ سنبھل کی شاہی جامع مسجد اصل میں ہری ہر مندر ہے جسے مغل باد شاہ بابر نے تو ڑ کر مسجد بنائی تھی۔ لہٰذا محکمہ آثار قدیمہ کے ذریعے اس کا سروے کرایا جائے۔ عدالت نے مسجد کا موقف جانے بغیر ہی  درخواست قبول کرلی اور اسی دن مسجد کے سروے کا حکم صادر کردیا۔ چند منٹوں میں ہی سروے ٹیم تشکیل دے دی گئی۔ عدالت کے حکم سے یہ  ٹیم شاہی جامع مسجد کا سروے کرنے نکل پڑی۔ سروے ٹیم نے مسجد کے ذمہ داروں کو عدالت کا آڈر دکھانے کے فوراً بعد ہی مسجد کا سروے شروع کر دیا۔ مسجد انتظامیہ کے ذمہ داران اور مقامی مسلمانوں نے عدالت کے حکم کا احترام کرتے ہوئے مسجد کا سروے کرنے کی نہ صرف اجازت دی بلکہ سروے ٹیم کی ہر ممکن مدد بھی کی۔ اس دن سروے کا کام نہایت پر امن طریقے سے مکمل ہو گیا۔ اس دوران مقامی مسلمانوں کی طرف سے پوری طرح سے صبر و سکون کا مظاہرہ کیا گیا۔ سروے مکمل کرنے کے بعد ٹیم واپس چلی گئی ۔ لیکن 24؍نومبر کو سروے ٹیم بغیر کسی اطلاع کے اچانک جامع مسجد پھر پہنچ گئی۔ سروے ٹیم نے جامع مسجد میں داخل ہوکر سروے کرنے پر اصرار کیا۔ اس بار سروے ٹیم کے ساتھ بھاری تعداد میں پولیس فورس اور لوگوں کا ہجوم تھا۔ ہجوم کی طرف سے لگاتار اشتعال انگیز مسلم مخالف نعرے لگا ئے جا رہے تھے۔ ٹیم نے پولیس فورس کے ساتھ مسجد میں داخل ہوکر سروے شروع کر دیا۔ اس دوران مسجد کے انتظام کاروں اور مقامی مسلمانوں نے مسجد کا دوبارہ سروے کرنے اور اس کے طور طریقے پر سوال اٹھایا۔ اس دوران ٹیم کے ساتھ آئی ہوئی بھیڑ اشتعال انگیز مسلم مخالف نعرے لگا رہی تھی۔ لیکن پولیس نے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی بلکہ پولیس کا رویہ جا نب دارانہ تھا۔ اسی درمیان بھیڑ کی طرف سے اینٹ پتھر چلنے لگے ۔پولیس نے تشدد پر آمادہ ہجوم کو روکنے کی کوئی کوشش نہیں کی بلکہ اس نے وہاں موجود مقامی مسلمانوں پر ڈنڈے برسانے شروع کر دئے۔ ہنگامے کے دوران جم کر پتھراؤ ہوا۔ بھیڑ کے ساتھ مل کر پولیس نے بھی مسلمانوں پر پتھراؤ شروع کر دیا۔

    ہنگامے کے کئی وائرل ویڈو سامنے آئے ہیں جس میں مسلمانوں کے ہجوم پر پولیس کو سیدھی فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس فائرنگ سے پانچ مسلم نوجوانوں کی موت اور درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔ بہت سے زخمی  پولیس کے خوف سے اپنا علاج اسپتالوں میں نہیں کرا پا ئے ۔ انہیں خوف تھا کہ پولیس ان کو گرفتار کرلے گی۔ اب تک تیس سے زیادہ لوگوں کو گرفتار کرکے جیل بھیجا جا چکا ہے۔ ان میں چار مسلم خواتین بھی شامل ہیں۔ تشدد پھیلانے کے الزام میں لگ بھگ چارسو افراد کی پولیس نے شناخت کی ہے۔ پولیس نے ان لوگوں کی  تصویریں اور پوسٹرس جاری کئے ہیں، ان میں سبھی مسلمان ہیں۔ انتظامیہ نے صرف چار اموات کی تصدیق کی ہے۔ پولیس فائرنگ سے مرنے والوں میں بلال،نعیم، کیف اور ایان کا نام شامل ہے ۔ ایان کی عمر سولہ برس بتائی جا رہی ہے۔ پولیس اور اس کے ساتھ آئی بھیڑ کے تشدد سے درجنوں مسلمان زخمی ہوئے ہیں۔مسلم دکانوں اور گاڑیوں کو آگ لگائی گئی اور بھیڑ نے گھروں پر حملے کئے۔ پولیس انتظامیہ نے اس بات سے انکار کیا ہے کہ اس کی فائرنگ سے کسی کی موت ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے جو فائرنگ کی ہے وہ اپنی حفاظت کے لیے کی تھی۔لیکن مرنے والے نوجوان کس کی فائرنگ سے مارے گئے،  اس کا واضح جواب پولیس کے پاس نہیں ہے۔ مقامی مسلمانوں کا الزام ہے کہ نوجوانوں کی موت پولیس کی فائرنگ سے ہوئی ہے۔ ان الزامات کے بعد ریاستی حکومت نے معاملے کی عدالتی جانچ کا حکم دیا ہے۔ الہ آباد ہائی کورٹ کے سابق جسٹس دیوندر کمار اروڑا کی سربراہی میں تین رکنی جانچ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اس کمیٹی میں سابق آئی اے ایس افسرامت موہن پرساد اور اروند کمار جین کو رکن بنایا گیا ہے۔ جانچ کمیٹی میں کسی مسلم  نمائندے کو جگہ نہیں دی گئی ہے۔ جب کہ یہ پورا معاملہ مسلمانوں سے جڑا ہوا ہے۔ جانچ کمیٹی نے اپنا کام شروع کر دیا ہے۔ اس نے شاہی جامع مسجد معائنہ کیا۔ اس جگہ کا بھی معائنہ کیا جہاں سے تشدد کی آگ بھڑکی تھی ۔

    سنبھل کی شاہی جامع مسجد سولہویں صدی عیسوی میں تعمیر کی گئی تھی۔ یہ مسجد سنبھل شہر کے وسط میں واقع ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ اس مسجد کی تعمیر مغل باد شاہ بابر نے 1527میں کرائی تھی۔شاہی مسجد جہاں واقع ہے آج یہ شہر کا گنجان علاقہ ہے۔ مسجد کے سامنے زیادہ تر ہندوؤں کی دکانیں ہیں جب کہ مسجد کے پیچھے چاروں طرف مسلمانوں کی آبادی ہے۔ 24؍نومبر کے تشدد کے بعد سے مسلم علاقوں میں خوف کا ماحول ہے۔ پولیس نے مسلمانوں کے خلاف یک طرفہ کارروائی کی ہے۔مسجد کے قریبی علاقوں کے مسلمان پولیس کی کارروائی سے بچنے کے لیے گھروں میں تالا لگا کر دوسری جگہ منتقل ہو گئے ہیں۔ مقامی پولیس فٹیج کی مدد سے مسلم نوجوانوں کی شناخت رہی ہے اور ان کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔ پولیس کے مطابق ویڈیو فٹیج کی مدد سے اب تک چار سو لوگوں کی شناخت کی گئی ہے۔ پولیس ان کو گرفتار کرنے کے لیے کئی مقامات پر دبش کررہی ہے ۔بعض سرکردہ مسلمانوں نے  سپریم کورٹ سے رجوع کیا- 29؍نومبر کو سنبھل تشدد کا معاملہ سپریم کورٹ کے سامنے پیش ہوا۔ ابتدائی سماعت کے بعد چیف جسٹس سنجیو کھنا اور جسٹس سنجیے کمار کی بنچ نے مسجد معاملے میں سول کورٹ کی تمام پروسیڈنگ پر فی الحال روک لگا دی ہے ۔ ساتھ ہی عدالت نے سول کورٹ کو یہ بھی حکم دیا ہے کہ کمشنر کی سروے رپورٹ سیل بند لفافے میں رکھی جائے ۔سپریم کورٹ نے سنبھل انتظامیہ کو یہ بھی حکم دیا ہے کہ وہ پوری طرح سے غیر جانب دار رہ کر شہر میں امن وامان کو بحال کرے۔سنبھل تشدد معاملے میں ریاستی حکومت کا رویہ انتہائی جانبدارانہ ہے۔ ریاستی حکومت نے پولیس فائرنگ سے کسی کی موت ہونے سے صاف انکار کر دیا ہے۔حکومت نے 10؍ دسمبر تک کسی بھی سماجی یا سیاسی تنظیم کے لیڈر یا باہری شخص کے سنبھل میں داخل ہونے پر روک لگا دی تھی جب کہ اپوزیشن کی کئی جماعتیں سنبھل کا دورہ کرنا چاہتی تھیں۔اپوزیشن کی جماعتوں نے سنبھل تشدد پر ریاست حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ سماج وادی پارٹی، کانگریس ، بہوجن سماج پارٹی اور آزاد سماج پارٹی نےسنبھل تشدد کے لیے یوگی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادؤ نے پولیس فائرنگ میں مرنے والوں کے لواحقین کو مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے ۔اکھلیش یادؤ نے الزام لگایا کہ سنبھل کا فساد سرکار نے کرایا ہے ۔ سرکار چاہتی ہے کہ ضمنی چناؤ میں جو ووٹوں کی لوٹ ہوئی ہے اس پر پردہ ڈالا جا سکے۔ فساد کرانے میں پولیس افسران سیدھے طور سے شامل ہیں۔سپا لیڈر رام گوپال یادؤ نے بھی اس مسئلے کو راجیہ سبھا میں اٹھایا۔ اسی طرح آزاد سماج پارٹی کے سربراہ چندر شیکھر راون نے سنبھل تشدد کے لیے سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ سنبھل میں جو تشدد کا واقعہ ہوا ہے وہ ایک منصوبہ بند سازش کا حصہ ہے ۔ چندر شیکھر آزاد راون نے مطالبہ کیا کہ سنبھل تشدد واقعے کی جانچ سپریم کورٹ کی نگرانی میں سی بی آئی سے کرائی جائے۔

    پورے معاملے پر گہرائی سے غور کرنے سے پتہ چلتا ہے کہ سنبھل کی شاہی جامع مسجد پر قبضہ کرنے کے ڈرامے کی اسکرپٹ کافی پہلے ہی تیارکر لی گئی تھی۔ اس معاملے میں کیلا دیوی مندر کے مہنت، عدالت، پولیس، انتظامیہ اور حکومت نے پہلے سے اپنا کردار طے کر لیا تھا۔ اس بار بھی نام نہاد سیکولر پارٹیوں کا رویہ ماضی کی طرح کی منافقانہ رہا۔مسجدوں کی نیچے مندر دبے ہونے کے مفروضہ معاملات کو ایک مخصوص درجہ حرارت پربنائے رکھنے کی کوشش کی  جا رہی ہے۔ اس کا وقت بھی بہت سوچ سمجھ کر چنا گیا تھا۔ الہ آباد میں 14؍ جنوری سے مہاکمبھ کی شروعات ہونے جا رہی ہے۔ 26؍ جنوری کو مہا کمبھ میں وشو ہندو پریشد کے زیر اہتمام سادھوں سنتوں کی دھرم سنسد منعقد کی جائے گی ۔دھرم سنسد میں وقف ایکٹ کا خاتمہ اور مسجدوں کے نیچے مندر ہونے کے مسئلے پر حکمت عملی طے کی جائے گی۔ اکھل بھارتیہ اکھاڑا پریشد نے بھی اس معاملے میں اپنا رخ سخت کر لیا ہے۔سنبھل کی شاہی جامع مسجد کے معاملے کو بابری مسجد کی طرز پر چلانے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ کیوں کہ اس سے بھی بابر کا نام جڑا ہے ۔مہا کمبھ میں اس مسئلے کو رام مندر تحریک کی طرح چلانے کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔

  • دہلی اسمبلی الیکشن: کون مارے گا بازی؟

    دہلی اسمبلی الیکشن: کون مارے گا بازی؟

    دہلی میں اسمبلی انتخابات کاوقت جوں جوں قریب آرہا ہے کلیدی سیاسی پارٹیاں خم ٹھونکنے لگی ہیں۔ دہلی اسمبلی کی مدت 25 فروری 2025 کو ختم ہو رہی ہے۔ اس سے قبل انتخابات کا عمل مکمل ہو جاناچاہئے اور نئی اسمبلی کی تشکیل ہوجانی چاہیے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے انتخابی تاریخوں کا اعلان ابھی نہیں کیا ہے۔ توقع ہے کہ اسی ماہ کے اواخر تک اعلان کر دیا جائے گا۔ انتخابی تاریخوں کے اعلان کے ساتھ گہما گہمی مزیدبڑھ جائے گی۔ یوں تو دہلی میں کئی پارٹیوں کے رہنما اور کارکن ہیں لیکن حقیقتاً صرف تین پارٹیوں میں مقابلہ ہے۔ یعنی یہاں سہ رخی مقابلہ ہوگا۔ دہلی میں برسراقتدار عام آدمی پارٹی، اپوزیشن بی جے پی اور کانگریس میدان میں ہیں۔ عام آدمی پارٹی نے 2020 کے انتخابات میں 70 میں سے 62 سیٹیں جیتی تھیں جب کہ  بی جے پی کی جھولی میں صرف آٹھ سیٹیں آئی تھیں۔ کانگریس کا دامن بالکل خالی رہ گیا تھا۔ جب کہ  اس سے قبل یعنی 2015 کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے 67 اور بی جے پی نے صرف تین سیٹیں جیتی تھیں۔ اس میں بھی کانگریس کے ہاتھ ایک بھی سیٹ نہیں لگی تھی۔ حالاں کہ   کانگریس ایک عرصے تک یہاں حکومت کرتی رہی ہے۔ شیلا دیکشت نے مسلسل پندرہ سال حکومت کی تھی۔ لیکن جب سے عام آدمی پارٹی کا جنم ہوا ہے اس کی قسمت پر گہن لگ گیا ہے۔

    جیسا کہ عام طور پر ہر الیکشن میں ہوتا ہے اس میں بھی ہو رہا ہے یعنی سیاست داں دل بدلی میں مصروف ہیں۔ کسی دن کوئی کانگریسی عام آدمی پارٹی میں شامل ہو جاتا ہے تو کسی دن کوئی عام آدمی پارٹی والا کانگریس میں چلا جاتا ہے۔ بی جے پی میں بھی عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے کئی لیڈران شامل ہو چکے ہیں۔ جن میں دو وزراء راج کمار آنند اور کیلاش گہلوت قابل ذکر ہیں۔ راج کمار آنند پارلیمانی انتخابات سے قبل دہلی حکومت سے نکل کر بی جے پی میں شامل ہوئے تو کیلاش گہلوت دہلی اسمبلی الیکشن سے قبل نکل گئے اور انھوں نے بی جے پی کا دامن تھام لیا۔ عام آدمی پارٹی کا الزام ہے کہ بی جے پی نے ان کو سی بی آئی، ای ڈی اور انکم ٹیکس محکمے کا ڈر دکھا کر اپنے پالے میں شامل کیا ہے۔ لیکن اب یہ پتہ نہیں کہ راج کمار آنند کہاں ہیں اور کیلاش گہلوت کہاں ہیں۔ ممکن ہے کہ عام آدمی پارٹی کے الزام میں صداقت ہو اور حکومت نے ان دونوں کو اس لیے توڑا ہو تاکہ عام آدمی پارٹی کی طاقت کمزور کی جا سکے۔ عام آدمی پارٹی کے اروند کیجری وال، سنجے سنگھ اور منیش سسودیا پہلے بھی بی جے پی پر یہ الزام لگاتے رہے ہیں کہ وہ ان کی پارٹی کو توڑنا چاہتی ہے تاکہ دہلی کی حکومت پر قبضہ کیا جا سکے۔ اسی لیے سسودیا کو بھی جیل بھیجا گیا، سنجے سنگھ کو بھی اور کیجری وال کو بھی۔ ادھر پھر کچھ لیڈروں کو جیل بھیجا گیا ہے۔ دراصل مرکزی وزیر داخلہ اور سینئر بی جے پی لیڈر امت شاہ اس بار ہرحال میں دہلی اسمبلی کا الیکشن جیتنا چاہتے ہیں اور اس کے لیے وہ کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں۔ لہٰذا اس امکان سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ عام آدمی پارٹی کے لیڈروں کو ڈرا دھمکا کر یا لالچ دلا کر توڑا گیا ہو اور اس سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا کہ اس کی طاقت کو کمزور کرنے کے مقصد سے ہی اس کے لیڈروں کو جیل بھیجا جا رہا ہو۔

    ویسے کیجری وال اور سسودیا پر دہلی شراب پالیسی میں بدعنوانی کے الزامات پارٹی کے لیے پریشان کن ہیں۔ مبصرین کا خیال ہے کہ کیجری وال نے ایک نئی قسم کی سیاست شروع کرنے کے لیے سیاسی پارٹی کا قیام کیا تھا اور بار بار اعلان کیا تھا کہ وہ سیاست میں شفافیت لانے کے لیے سیاست میں آئے ہیں۔ لیکن ان پر الزامات کی وجہ سے ان کی ساکھ خراب ہوئی ہے اور اس کا احساس کیجری وال کو بھی ہے۔ اسی لیے انھوں نے دو مواقع پر بہت ہی سوچ سمجھ کر چال چلی تھی۔ ایک تو یہ کہ انھوں نے کرپشن کے الزام میں جیل جانے کے باوجود وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ نہیں دیا اور دوسرے جیل سے باہر آنے کے کچھ دنوں کے بعد استعفیٰ دے دیا اور آتشی کو وزیر اعلیٰ بنا دیا۔ اگر وہ جیل جانے کے وقت استعفیٰ دیتے تو عوام میں یہ پیغام جاتا کہ ضرور ان کے ہاتھ کالے ہو گئے ہیں۔ وہ یہ تاثر دینا نہیں چاہتے تھے۔ جہاں تک آتشی کو وزیر اعلیٰ بنائے جانے کا معاملہ ہے تو اس کی دو وجوہات ہیں۔ پہلی یہ کہ کیجری وال حکومت کی ذمہ داریوں سے فارغ ہو گئے ہیں۔ اب وہ اپنا پورا وقت الیکشن کو دے سکتے ہیں۔ دوسری یہ کہ آتشی کو وزیر اعلیٰ بنانے کے پیچھے خواتین کے زیادہ سے زیادہ ووٹ حاصل کرنا ہے۔ اب یہ داؤ چلے گا یا نہیں ،کہا نہیں جا سکتا۔ ادھر عام آدمی پارٹی نے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی الیکشن کمیشن میں جا جا کر اس کے لاکھوں ووٹرز کے نام کٹوا رہی ہے۔

    پارلیمانی انتخابات سے قبل بی جے پی مخالف اپوزیشن پارٹیوں میں اتحاد پیدا ہوا تھا اور انھوں نے انڈیا نامی محاذ قائم کیا تھا۔ اس محاذ میں عام آدمی پارٹی بھی شامل رہی ہے۔ لیکن وقت کے گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ اتحاد کمزور ہوتا چلا گیا۔ کئی پارٹیوں نے اس سے علیحدگی اختیار کر لی۔ کیجری وال نے ہریانہ الیکشن میں کانگریس سے اتحاد نہیں کیا۔ حالاں کہ   دونوں پارٹیاں چاہتی تھیں کہ اتحاد ہو جائے۔ لیکن نہیں ہوا۔ اس کے بعد یہ توقع کی جا رہی تھی کہ شاید دہلی کے اسمبلی انتخابات کے موقع پر دونوں میں اتحاد ہو جائے اور وہ مل کر الیکشن لڑیں۔ لیکن کیجری وال نے صاف کر دیا ہے کہ الیکشن میں کانگریس سے اتحاد کرنے کا کوئی سوال ہی نہیں ہے۔ دراصل عام آدمی پارٹی کے جو ووٹر ہیں وہ بی جے پی اور کانگریس دونوں پارٹیوں کے ووٹر رہے ہیں۔ کیجری وال کو یہ امید ہے کہ وہ تن تنہا ہی الیکشن لڑ کر کامیاب ہو سکتے ہیں لہٰذا اس کامیابی میں کانگریس کو حصہ کیوں دیا جائے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ جب سے یہ پارٹی منظر عام پر آئی ہے دہلی کے لوگوں نے اسمبلی میں اسے اور پارلیمنٹ میں بی جے پی کو ترجیح دی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ مرکز میں بی جے پی اور دہلی میں عام آدمی پارٹی۔ حالاں کہ   عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کے کچھ لیڈران کانگریس میں بھی شامل ہوئے ہیں لیکن کیا کانگریس کو اس سے کچھ فائدہ ہوگا کہا نہیں جا سکتا۔

    حقیقت یہ ہے کہ عام آدمی پارٹی کے پاس دہلی کی سطح پر قیادت موجود ہے۔ لیکن کانگریس اور بی جے پی کے پاس اس طرح مضبوط قیادت نہیں ہے۔ لیکن بعض مبصرین کا خیال ہے کہ اس بار عام آدمی پارٹی کا کامیابی کے رتھ پر سوار ہونا آسان نہیں ہوگا۔ بدعنوانی کے الزامات نے پارٹی کی ساکھ کو متاثر کیا ہے۔ دوسری طرف اس سے پہلے کے الیکشن میں مسلمانوں نے اجتماعی طور پر عام آدمی پارٹی کو ووٹ دیا تھا۔ لیکن اس بار اس کا امکان کم ہے۔ بہت سے مسلمان اس کی پالیسیوں سے خوش نہیں ہیں۔ پارلیمانی الیکشن میں مسلمانوں نے بڑی تعداد میں کانگریس کو ووٹ دیا۔ دہلی میں مسلمانوں کے تین بڑے مراکز ہیں۔ اوکھلا، جامع مسجد جس میں بلی ماران وغیرہ بھی شامل ہیں اور جمنا پار یعنی سیلم پوراور جعفر آباد۔ ان تینوں مراکز میں عام آدمی پارٹی نے مسلمانوں کے لیے کوئی خاص کام نہیں کیا۔ مسلمانوں سے متعلق تمام ادارے عضو معطل بنے ہوئے ہیں خواہ دہلی اقلیتی کمیشن ہو یا وقف بورڈ یا پھر دہلی اردو اکادمی۔ وقف بورڈ کے وکیل نے جس طرح اوقاف کی املاک کو نقصان پہنچایا ہے اسے مسلمانوں نے فراموش نہیں کیا ہے۔ مسلم علاقوں میں عوامی سہولتوں کے تعلق سے بھی کوئی خاص کام نہیں ہوا ہے۔ سڑکیں اور سیور لائن خراب ہیں۔ مہینوں تک کوئی پرسان حال نہیں ہوتا۔ لیکن بہرحال الیکشن آتے آتے حالات کیا رخ اختیار کرتے ہیں کہا نہیں جا سکتا۔

    کانگریس نے دہلی میں خودکو مضبوط بنانے کے لیے دہلی نیائے یاترا نکالی تھی جو جگہ جگہ سے گزری تھی۔ لیکن اس یاترا کا کوئی اثر نظر نہیں آیا۔ اس کی وجہ یہ رہی کہ اس میں مرکزی قیادت سے ایک بھی لیڈر شریک نہیں ہوا۔ جب تک مرکزی لیڈران اس قسم کی مہموںمیں شریک نہیں ہوتے کوئی اثر نہیں پڑتا۔ یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ کانگریس اب بی جے پی کی طرح کیڈر والی پارٹی نہیں رہ گئی کہ مرکزی قیادت کسی مہم میں شامل نہیں ہوگی تب بھی اس کے کارکن اس کو کامیاب بنا دیں گے۔ اسی لیے تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ الیکشن میں کانگریس کوئی قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اس کا امکان کم ہے۔ یہ ممکن ہے کہ اس کے دو ایک امیدوار جیت جائیں لیکن وہ کسی ایسی پوزیشن میں آنے سے رہی کہ حکومت سازی میں کوئی اہم کردار ادا کر سکے۔

    اس سے قبل دہلی کے عام لوگ یعنی جھگی جھونپڑی میں رہنے والے اور آٹو رکشا چلانے والے عام آدمی پارٹی کی ریڑھ کی ہڈی ثابت ہوئے تھے۔ دو سو یونٹ تک مفت بجلی نے بہت سے گھروں کو بجلی کے بل سے نجات دلا دی۔ اس کی یہ اسکیم بہت کامیاب رہی۔ یہی وجہ ہے کہ اس الیکشن میں بی جے پی اور کانگریس نے بھی اسی قسم کا اعلان کیا ہے۔ بی جے پی نے اعلان کیا ہے کہ اگر وہ برسراقتدار آئی تو اس اسکیم کو جاری رکھے گی۔ جب کہ  کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ وہ حکومت میں آئی تو دو سو کے بجائے چار سو یونٹ تک بجلی فری کر دے گی۔ اب ان اعلانات کا عوام پر کتنا اثر پڑے گا کہا نہیں جا سکتا۔ ادھر کیجری وال نے ایک بار پھر آٹو رکشا ڈرائیوروں کو رجھانے کی کوشش کی ہے۔ چوں کہ  ان کو اس بات کا احساس ہے کہ اس طبقے کے لوگ اب اجتماعی طور پر اس کے ساتھ نہیں ہیں بہت سے الگ ہو گئے ہیں لہٰذا انھوں نے آٹورکشا ڈرائیوروں کے لیے ایک بڑی پرکشش اسکیم کا اعلان کیا ہے۔ کیجری وال نے آٹو رکشا والوں کے لیے پانچ گارنٹیوں کا اعلان کیا ہے۔ جس میں ان کے لیے دس لاکھ کا انشورنس اور بیٹیوں کی شادی اور بچوں کی تعلیم کے لیے ایک لاکھ کی امداد کا اعلان شامل ہے۔ اس کے علاوہ ڈرائیوروں کے یونیفارم کے لیے دو سال پر 25 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ ان کے بچوں کی کوچنگ کلاس پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ اس نے ’’پوچھو ایپ‘‘ نامی اسکیم شروع کرنے کا پھر اعلان کیا ہے۔ انھوں نے اس سلسلے میں اپنے گھر پر آٹو ڈرائیوروں کے ساتھ ایک میٹنگ بھی کی۔

    بہرحال اس وقت دہلی میں انتخابی گہما گہمی شروع ہونے والی ہے۔ مقابلہ تین پارٹیوں کے درمیان ہوگا۔ لیکن حقیقی مقابلہ عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کے درمیان ہی ہوگا۔ بی جے پی اس بار ہر حال میں جیت حاصل کرنا چاہتی ہے۔ وہ اس کے لیے کچھ بھی کرنے کو تیار ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ وہ اس میں کہاں تک کامیاب ہوتی ہے اور عام آدمی پارٹی اس کی چالوں کی کاٹ کے لیے کیا ہتھکنڈے اپناتی ہے۔

  • مسلم ریزرویشن پر قانونی بحث

    مسلم ریزرویشن پر قانونی بحث

    یونیفارم سول کوڈ پر مسلم تنظیمیں اور جماعتیں اپنے تحفظات کو جب بھی سامنے رکھتی ہیں تو دوسری طرف سے پرزورانداز میں سوال کیا جاتا ہے کہ ملک آئین سے چلے گا یا پھر قرآن سے؟ جب کہ یہ سوال ہی بنیادی طور پر غلط اور بھرم پیدا کردینے والا ہے۔ آئین کے نام پر مسلمانوں کو مذہبی آزادی سے محروم کرنے کی کوشش کرنے والوں سے جب یہ سوال کیا جاتا ہے جس آئین کا وہ حوالہ دے رہے ہیں اسی آئین نے سماجی انصاف کا وعدہ کیا ہے۔ آئین نے ملک کے ہر شہری کو یکساں مواقع اور سماجی انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کی ہے۔ اور اسی آئین میں مساوات کے حصول کے لیے  پسماندہ افراد کو خصوصی دفعات کے تحت تحفظات فراہم کرنے کی  گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔ مگر المیہ یہ ہے کہ سماجی انصاف کے تقاضے کے تحت جب بھی مسلمانوں کو ریزرویشن فراہم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے تو  عدلیہ سے لے کر سیاسی جماعتوں اور ہندوتو گروپ تک اس کی شدید مخالفت کرتے ہیں ۔مرکزی حکومت بنام اندرا ساہنی کے فیصلے کا حوالہ دیا جاتا ہے کہ مذہبی بنیاد پر کسی بھی کمیونیٹی کو ریزرویشن فراہم نہیں کیا جاسکتا ہے۔

    اس سال مئی 2024 میں کلکتہ ہائی کورٹ نے 2010کے بعد او بی سی زمرے میں شامل کی گئیں  77مسلم برادریوں اور جاری کئے گئے ان کے اوبی سی سرٹیفکٹس کو منسوخ کردیا تھا۔ اس فیصلے کے خلاف مغربی بنگال حکومت سپریم کورٹ سے رجوع کرچکی ہے۔ بنگال حکومت متعدد مرتبہ فوری سماعت کی اپیل بھی کرچکی ہے مگر عدالت اپنی ہی رفتار سے سماعت کررہی ہے ۔ اس ہفتہ اس معاملے کی سماعت کرتے ہوئے جسٹس بی آر گوائی اور جسٹس کے وی وشواناتھن پرمشتمل بنچ نےایک بار پھر تبصرہ کیا کہ ریزرویشن مذہب کی بنیاد پر نہیں دیا جانا چاہیے۔ پھر کیا تھا کہ بنچ کا یہ تبصرہ میڈیا میں خوب اچھالا گیا اور یہ تاثر قائم کیا گیا کہ بنگال میں مسلمانوں کو ریزرویشن مذہب کی بنیاد پر فراہم کیا گیا ہے۔ جب کہ بنچ نے سماعت کے دوران کئی اور بھی اہم تبصرے کئے جو بنگال میں مسلم ریزرویشن کے حق میں تھے۔جسٹس وشواناتھن نے کلکتہ ہائی کورٹ کے فیصلے میں خامیوں کی طرف نشان دہی کرتے ہوئے کہا کہ ریزرویشن فراہم کرنے کا اختیار ایگزیکٹیو سے نہیں چھینا جاسکتا ہے۔

    22مئی 2024کو کلکتہ ہائی کورٹ نے 77 مسلم طبقات کو ریزرویشن اور اس کی بنیاد پر جاری کئے گئے  اوبی سی سرٹیفکٹ کو منسوخ کرتے ہوئے  211 صفحات پر مشتمل اپنے فیصلے میں جو تبصرے کئے ہیں وہ اس ملک کے عدالتی نظام میں سماجی عدم تنوع کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ بھارت کے عدالتی نظام کا سب سے بڑاالمیہ یہی ہے کہ حکمرانی کے دیگر شعبوں کی طرح عدالتی نظام پر بھی اشرافیہ کا ہی دبدبہ ہے ۔بار اور بنچ دونوں ہی اعلیٰ ذاتوں کے زیر اثر ہیں۔ جب کہ اعلیٰ ذات ملک کی آبادی کا 10 فیصد سے زیادہ نہیں ہے۔ چنانچہ جب بھی 90 فیصد غیر نمائندہ ذاتیں اپنے حقوق کے حصولیابی کے لیے جدو جہد کرتی ہیں تو انہیں عدالتوں سے مایوسی ہی ہاتھ آتی ہے۔متنوع سماج کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے  لازمی تھا کہ بار اور بنچ (عدالتی نظام جس میں جج، وکیل اور دیگر عدالتی عملہ شامل ہے) میں تنوع ہوتا اور سماج کے تمام طبقات کی یکساں نمائندگی ہوتی۔ اس وقت بھارت کے عدالتی نظام پر مخصوص طبقات اور چندخاندان کا قبضہ ہے اسی بناء پر عدالتیں انصاف فراہم کرنے سے قاصر ہیں ۔ انصاف کی فراہمی جو جمہوریت کی بقا کے لیے  لازمی ہے، کا عمل مکمل طور پر رک سا گیا ہے۔ عدالت کا یہ رجحان  ایسے معاملات میں سب سے زیادہ شدت سے ظاہر ہوتا ہے جب پسماندہ طبقات کو سماجی برابری، مساوات اور انصاف فراہم کرنے کا سوال سامنے آتا ہے۔ ریزرویشن سماجی پسماندگی اور مساوات قائم کرنے کا ایک بہترین راستہ ہے، مگر جب جب عدالت کے سامنے ریزرویشن کا مسئلہ آتا ہے عدالت کا رویہ انتہائی سخت ہوجاتا ہے۔ مگر مرکزی حکومت کے معاشی طور پر پسماندہ اعلیٰ ذاتوں کو 10فیصد ریزرویشن دئے جانے کے فیصلے کو اس سخت آزمائش سے گزارنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی۔ مذہبی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو تحفظات فراہم کرنے کی بات آتی ہے تو عدالتی جانچ مزید سخت ہوجاتی ہے۔ اس کی سب سے بڑی مثال کلکتہ ہائی کورٹ کا حالیہ فیصلہ ہے۔

    کلکتہ ہائی کورٹ نے ناقص آئینی تشریحات اور سماجی تنوع کی ضرورت کا ادراک کئے بغیر اپنے فیصلے میں یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ 77مسلم برادریوں کو اوبی سی میں شامل کرنے کا فیصلہ محض مذہبی سیاست کا نتیجہ ہے۔ ہائی کورٹ نے بنگال حکومت کے دائرہ کار اور بیک ورڈ کلاس کمیشن کے اختیارات کو بھی سلب کرلیا اور سروے کی معتبریت پر بھی سوال اٹھایا ہے ۔اس سے قبل 2004میں غیر منقسم آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے بھی راج شیکھر ریڈی کی حکومت کے ذریعہ مسلمانوں کو پسماندہ برادری میں شامل کرنے کے فیصلہ پر روک لگادی تھی۔ پسماندگی کے شکار بنگال کے مسلمانوں کو سماجی انصاف کی فراہمی سے محروم کرنے والا یہ فیصلہ دراصل عدلیہ میں اعلیٰ ذات کے ججوں کی بالادستی کا نتیجہ ہے۔کلکتہ ہائی کورٹ کا فیصلہ مسلمانوں کو دیگر پسماندہ طبقات کے کوٹے میں ریزرویشن فراہم کرنے کے خلاف ایک خطرناک قدم ہے۔

    درج فہرست ذاتوں اور قبائل کو ریزرویشن نسل پرستی پر مبنی تعصبات کے خاتمے کے لیے  آئینی طور پر فراہم کیا گیا ہے۔ جب کہ پسماندہ طبقات کو ریزرویشن 1992میں منڈل کمیشن کی سفارشات کی بنیاد پر فراہم کیا گیا ہے۔آئین میں 93 ویں ترمیم کے ذریعے او بی سی کو 27 فیصد ریزرویشن کا انتظام کیا گیا تھا۔اندرا ساہنی بمقابلہ یونین آف انڈیا کیس میں عدالت نے واضح کیا تھا کہ کسی بھی کمیونیٹی کو ریزرویشن مذہب کی بنیاد پر نہیں بلکہ ذات کی پسماندگی کی بنیاد پر فراہم کیا جائے گا۔ تاہم آرٹیکل 15(4) اور 16(4) کے تحت یہ بات بھی کہی گئی کہ ریزرویشن سماجی اور تعلیمی اعتبار سے پسماندگی کا شکار مذہبی اقلیتوں کو بھی فراہم کیا جائے گا۔ ان دونوں آرٹیکلس نے او بی سی میں مسلمانوں کے لیے ذیلی کوٹا دینے کی راہ ہموار کی۔ چنانچہ مذہبی اقلیتوں کو ریزرویشن فراہم کرنے کی شروعات 1956  میں کیرالہ سے ہوئی، جب 10 فیصد ذیلی کوٹہ فراہم کیا گیا (اب ملازمت میں 12 فیصد اور تعلیم میں 8 فیصد)- تیسرے پسماندہ طبقات کمیشن (چنپا ریڈی کمیٹی، 1990) کی سفارشات میں پایا کیا گیا تھا کہ بعض مسلم طبقات  پسماندہ طبقات کے زمرے کے تقاضوں کو پورا کرتے ہیں ۔ چنانچہ اس کے بعد ہی جنتا دل کرناٹک حکومت جس کی سربراہی ایچ ڈی دیوے گوڑا کررہے تھے نے 36 مسلم ذاتوں کو 4 فیصد ریزرویشن فراہم کردیا۔کرناٹک کی سابق بی جے پی حکومت نے 2023 میں اس کوٹہ کو ختم کر دیا اور اسے غالب ہندو ذاتوں، جیسے ووکلیگا اور لنگایت میں تقسیم کر دیا۔ بی جے پی راگ الاپتی رہی کہ چوں کہ یہ ریزرویشن مسلم برادری کو مذہب کی بنیاد پر دیا گیا ہے اس لئے اس کو ختم کرنا آئینی تقاضا ہے۔

    غیر منقسم آندھرا پردیش میں راج شیکھر ریڈی کی قیادت والی حکومت کے ذریعہ مسلم برادریوں کو اوبی سی کوٹہ میں ذیلی کوٹہ فراہم کرنے کو بھی سخت عدالتی آزمائش سے گزرنا پڑا۔ جب کہ ریڈی حکومت نے اقلیتی بہبود کے کمشنر کی مسلمانوں کی سماجی، معاشی اورتعلیمی پسماندگی پر ایک رپورٹ کی بنیاد پر پوری برادری کو پسماندہ تصور کرتے ہوئے پانچ فیصد کوٹہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ مگر آندھرپردیش ہائی کورٹ نے اس فیصلے کی سخت جانچ کی اور اس کو ختم کردیا۔ آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے تکنیکی بنیاد پر کہ ریاستی پسماندہ طبقات کمیشن سے مشاورت نہیں کی گئی تھی، جیسا کہ اندرا ساہنی مقدمہ میں لازمی قرار دیا گیا تھا۔تکنیکی خرابی کو درست کرکے ریاستی حکومت نے 2005 میں آرڈیننس دوبارہ جاری کردیا ۔ اس کو ایک بار پھر آندھرا پردیش ہائی کورٹ کی یک رکنی بنچ نے بی ارچنا ریڈی بمقابلہ ریاست آندھرا پردیش میں مسترد کر دیا اور یہ دلیل دی کہ سماجی پسماندگی کی صحیح شناخت کئے بغیر پوری برادری کو فائدہ نہیں پہنچایا جا سکتا۔ریاست نے اس معاملے کو دوبارہ پسماندہ طبقات کمیشن کے پاس بھیج دیا اور اس کی رپورٹ کی بنیاد پر 2007 میں ایک اور قانون نافذ کیا جس میں صرف 14 مسلم ذاتوں جیسے دھوبی، قصاب، بڑھئی، باغبان، حجام وغیرہ کو ریزرویشن فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ آندھرا پردیش ہائی کورٹ کے فیصلے پر سپریم کورٹ نے روک لگارکھی ہے- اس پورے معاملے پر آئینی بنچ کو غور کرنا ہےکہ پسماندگی کے شکار مذہبی اقلیتوں کو ریزرویشن فراہم کیا جاسکتا ہے یا نہیں ؟۔گزشتہ 14برسوں سے یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔

    کلکتہ ہائی کورٹ نے مغربی بنگال حکومت کی طرف سے مارچ 2010 سے مئی 2012 کے درمیان جاری کردہ احکامات کی ایک سیریز کو مسترد کر دیا جس کے ذریعے 77 طبقات، جن میں سے 75 مسلم ہیں، کو دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) زمرے کے تحت ریزرویشن دیا گیا تھا۔جسٹس تپبرتا چکرورتی اور جسٹس راج شیکھر منتھا کی ایک ڈویژن بنچ نےکہا کہ ان 75مسلم ذاتوں کو ریزرویشن کی فراہمی کی واحد بنیاد صرف مذہب ہے جو کہ آئین اور عدالتی احکامات کے ذریعے ممنوع ہے۔ مغربی بنگال کے پسماندہ طبقات (درجہ فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کے علاوہ) ریزرویشن آف اسامیوں اور پوسٹس ایکٹ 2012 (2012 ایکٹ) کے بعض دفعات کو بھی بغیر کسی چیلنج کے اور بغیر  عرضی گزارکے اعتراض کے ختم کردیا گیا۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے درخواست گزاروں کے اس دعویٰ کو من و عن تسلیم کرلیا کہ او بی سی کی فہرست میں شامل 77 پسماندہ ذاتیں مسلمان سے زیادہ کچھ نہیں ہیں۔ جب کہ ان 73مسلم ذاتوں میں زیادہ ترسماجی لحاظ سےانتہائی پسماندہ ذاتیں ہیں جن کا تعلق اجلاف (شودر) اور ارزل (دلت) زمروں سے ہے۔ ان میں کئی ایسی برادریاں ہیں جو مرکزی حکومت کے ذریعہ جاری اوبی سی فہرست میں شامل ہیں۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے ریزرویشن کو ختم کرنے کے لیے   چار اہم بنیادی وجوہات بیان کی ہیں۔  پہلی وجہ یہ بتائی گئی کہ  ان ذاتوں کو ایگزیکٹو آرڈرز کے ذریعہ شامل  کیا گیا۔ دوسری وجہ مغربی بنگال پسماندہ کمیشن سے ذیلی زمرہ بندی پر مشاورت نہیں کی گئی۔ تیسرا،او بی سی کمیشن کی سفارشات پوری آبادی کے گہرائی سے تجرباتی سروے پر مبنی نہیں تھیں۔ چوتھا، ان ذاتوں کی ریاستی خدمات میں”نمائندگی کی ناکافی” کا مکمل جائزہ نہیں لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں کلکتہ ہائی کورٹ نے سچر کمیٹی کے نتائج کو اس بنیاد پر مسترد کردیا کہ اس کے 2006 کے اعداد و شمار کو 2010 میں تسلیم نہیں کیا جاسکتا۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے مسلمانوں میں سماجی عدم مساوات پر سوال کھڑا کرتے ہوئے کہا کہ یہ قدم دراصل مسلمانوں کی توہین ہے۔

    سچر کمیٹی کی رپورٹ جس نے مغربی بنگال کے مسلمانوں کی پسماندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا تھا کہ مجموعی طور پر بنگال کے مسلمانوں کے حالات دلتوں سے بھی بدتر ہیں۔حکومتی اداروں میں ان کی نمائندگی کم ہے اور تعلیمی اداروں میں بھی مسلم طلبہ کی تعداد انتہائی کم ہے۔ یہ بات سچ ہے کہ سچر کمیٹی رپورٹ کی وہ آئینی حیثیت نہیں ہے جو کے کسی کمیشن کی ہوتی ہے،  تاہم چوں کہ یہ وزیر اعظم کے ذریعہ قائم کردہ اعلیٰ سطحی کمیٹی تھی اور اسی  کی رپورٹ کی بنیاد پر جسٹس رنگناتھ مشرا کمیشن نے مسلمانوں کو ریزروریشن فراہم کرنے کی سفارش کی تھی۔اس لئے سچر کمیٹی کی رپورٹ کو آسانی سے خارج نہیں کیا جاسکتا ہے۔ دوسری اہم بات یہ ہے کہ کوئی بھی اعداد وشمار سالانہ بنیاد پر فراہم نہیں کئے  جاتے ہیں۔ مردم شماری ہر 10 سال بعد ہو تی ہے۔ 1991 میں، منڈل کمیشن کی رپورٹ نے 1931 کی مردم شماری کے اعداد و شمارکا حوالہ دیتے ہوئے او بی سی کو 27 فیصد ریزرویشن دینے کی سفارش کی تھی۔ ایسے میں کلکتہ ہائی کورٹ چار سال سے کم پرانی سچر کمیٹی کی رپورٹ کو کیسے نظر انداز کر سکتا ہے؟۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے کہا کہ بنگال میں مسلم اوبی سی کا ریزرویشن کے لیے  جامع سروے نہیں کیا گیا ہے مگر اس نے اس حقیقت کو فراموش کردیا کہ منڈل کمیشن نے 406 اضلاع میں سے 405  اور ان میں بھی صرف دو گاؤں اور ایک بلاک کا سروے کیا تھا۔ مسلمانوں کو ریزرویشن کو یہ کہہ کر خارج کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ سچر کمیٹی نے صرف مسلمانوں کے لیے (پیرا 106) میں مساوی مواقع کمیشن کی سفارش کی تھی۔اس کے علاوہ عدالت نے کہا کہ مغربی بنگال کمیشن برائے پسماندہ طبقات کو سروے کرنے کا اختیار نہیں ہے۔

    کلکتہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف بنگال حکومت نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کررکھی ہے۔ معاملے کی اہمیت و نوعیت کے باوجود سپریم کورٹ نے کلکتہ ہائی کورٹ کے فیصلے پر عارضی روک نہیں لگائی ہے اور اب تک واضح نہیں ہے کہ اس معاملے کی سماعت کب تک مکمل ہوگی ۔مگر بنیادی سوال یہی ہے کہ سپریم کورٹ کلکتہ ہائی کورٹ کے فیصلے پر فوری روک کیوں نہیں لگارہا ہے۔ دوسرے یہ کہ جب بھی مسلمانوں کو سماجی انصاف اور مواقع فراہم کرنے کا موقعہ آتا ہے تو اس کو یہ کہہ کر کیوں خارج کردیا جاتا ہے کہ یہ فیصلہ مذہب کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔بجب آئین میں سماجی انصاف کی فراہمی کے لیے  مذہبی اقلیتوں کو ریزرویشن کی گنجائش ہے تو پھر مسلمانوں کے نام پر ہی کیوں سیاست کی جاتی ہے۔ ظاہر ہے کہ ووٹ بینک کی سیاست میں مسلمان سب سے آسان چارہ ہیں اس لئے مسلمانوں کے نام پر پولرائزیشن کی سیاست کی جاتی ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ سماجی انصاف اور یکساں مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ سپریم کورٹ میں بنگال حکومت کی وکیل واضح لفظوں میں کہہ چکی ہے کہ مسلمانوں کے 77مسلم برادریوں کوریزیرویشن دینے کا فیصلہ سماجی و ڈیٹا کی بنیاد کیاگیا ہے اور اس کے پاس اعداد و شمار موجود ہیں۔سپریم کورٹ کےفیصلے میں تاخیر کے باعث بڑی تعداد میں ریزرویشن کے ذریعہ اعلیٰ تعلیمی ادارں میں داخلہ لینے والے افراد  محروم رہ جائیں گے۔اسی طرح ملازمتوں کے حصول کا بھی معاملہ  ہے۔ پسماندگی کا شکار مسلمانوں کے لیے  یہ دوہری مار  ہے۔

  • کیامہاراشٹر میں کنول کھلنے کی وجہ صرف ’’ہندوتوا‘‘ ہی ہے ؟

    کیامہاراشٹر میں کنول کھلنے کی وجہ صرف ’’ہندوتوا‘‘ ہی ہے ؟

    مہاراشٹر میں حالیہ اسمبلی انتخاب میں بی جے پی اور اس کی حلیف پارٹیوں کو بھاری کامیابی ملی ہے اور پانچ دسمبر کو آزاد میدان میں وزیر اعلیٰ اور دو نائب وزیر اعلیٰ کے حلف لینے کی رسم بھی پوری ہو چکی ہے ۔ لوک سبھا الیکشن سے قبل صحافیوں اور تجزیہ نگاروں کی متفقہ رائے تھی کہ بی جے پی کو نقصان ہوگا اور ریزلٹ بھی ان رایوں کے مطابق ہی آئے ۔ لیکن اسمبلی الیکشن کے اعلان سے قبل تک تو کچھ کی رائے تھی کہ بی جے پی یہاں بھی نقصان اٹھائے گی لیکن جیسے جیسے الیکشن مہم آگے بڑھتی رہی تجزیہ نگاروں اور صحافیوں کے بی جے پی کے نقصان اٹھانے والے بیانیے میں کمزوری آتی گئی یعنی الیکشن سے قبل اس زور و شور میں کمی آئی کہ انڈیا اتحاد کو برتری ملنے والی ہے۔ انتخابی نتائج نے اس پر مہر ثبت کردی ہے۔

    اب الیکشن کے نتائج پرسنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔سوال یہ ہے کہ ایسا کیوں ہوا؟ اکثر دیکھا گیا ہے کہ ایک جیت یا ہار کے بعد جوش و خروش یا مایوسی سی چھا جاتی ہے۔ حالانکہ سیاسی طور سے اس کی کوئی ضرورت نہیں ہے کہ جیت کی صورت میں پورے جوش و خروش کے ساتھ جشن منائیں یا شکست کی صورت میں مایوسی میں غرق ہوجائیں ۔ بی جے پی اس وقت بھی مایوس نہیں ہوئی تھی جب اس کے صرف دو ارکان پارلیمنٹ ہوا کرتے تھے اور اندرا گاندھی کے قتل کے بعد کانگریس کو چارسو سے زیادہ سیٹیں ملی تھیں ۔ اس نے اپنے کام اور مشن کو ہمیشہ جاری رکھا ، وہ ایک الیکشن کے بعد سکون سے نہیں بیٹھ جاتے تھے بلکہ  اگلے الیکشن کی تیاری میں جُٹ جاتے ہیں ۔ لوک سبھا میں نقصان کے بعد بھی بی جے پی اور اس کے حلیفوں نے ایسا ہی کیا۔ انہوں نے تجزیہ کیا کہ اسمبلی میں شاندار فتح کے لئے کیا کیا جاسکتا ہے ؟ ہندوتوا والا فارمولہ تو ان کا بہت پرانا نسخہ ہے ساتھ میں وہ اس میں ترقی کا تڑکا لگا دیتے ہیں جس میں تھوڑا کام اور پرچار زیادہ کرتے ہیں۔ لاڈلی بہن منصوبہ وغیرہ اسی کا ثبوت ہے۔لیکن صرف منصوبہ نہیں اس کی ہیئت اور جثہ کو قوی ہیکل بنا کر پیش کرنا ان کا کمال ہے ۔ ہندوتوا میں بھی ان کی اسی سوچ کا دخل ہے کہ جو نظریہ ملک کی اسی فیصد سے زائد آبادی کے لئے نقصان دہ اور ان کے وجود پر سوالیہ نشان لگانے والا ہو اسے ایسا بنا کر پیش کیا جو اس کی چکی میں پِسنے والا طبقہ ہے وہ بھی اسی نظریہ سے جڑتا جارہا ہے ۔

    انتخابی نتائج کے بعد مسلمانوں کے درمیان الزام اور جوابی الزام کا دور چل پڑا ہے۔ ایک طبقہ نے ہمیشہ کی طرح اویسی اور ان کی پارٹی کو اس کے لئے ذمہ دار ٹھہرایا جیسا کہ ہمیشہ ہوتا رہاہے ۔ مسلمانوں میں موجود ایک قلیل گروہ جو آزادی کے بعد سے کانگریس کو ہی مسلمانوں کا مسیحا یا نجات دہندہ سمجھ کر اس کی حمایت کرتا آیا ہے وہ اول روز سے ہی اویسی یا مجلس اتحا دالمسلمین سے خطرہ محسوس کرتا ہے۔ اس کا کہنا یہ ہے کہ اس سے ہندو ووٹ متحد ہوتا ہے جس کا فائدہ راست طور سے بی جے پی کو ملتا ہے۔پتہ نہیں ان لوگوں کی یہ سمجھ کیسے بنی؟ ایسا لگتا ہے کہ ان کی کوئی ذاتی سوچ ہی نہیں ہے بس جو کسی نے کہہ دیا اسی پر چل پڑتے ہیں۔ کسی غور و فکر اور تدبر کی ضرورت نہیں ہے ۔ کئی ایسی سیٹوں کا تجزیہ ہمارے سامنے ہے جہاں سے مجلس کا امیدوار بھی تھا لیکن ایسا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا جہاں مجلس کی وجہ سے نام نہاد سیکولر امیدوار کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہو ۔اس بار الیکشن میں تو کئی جگہوں پر انڈیا اتحاد نے مجلس کو ہی نقصان پہنچایا ۔ ہاں ایک درجن سے زائد سیٹوں پر ونچت بہوجن اگھاڑی نے انڈیا اتحاد کو نقصان پہنچایا۔ دوسری بحث مولانا سجاد نعمانی کی جانب سے امیدواروں کی حمایت کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ ہندو ووٹ متحد ہوا ۔ مولانا کی ایک تقریر کے مختصر سے حصہ کو استعمال کرکے فڑنویس نے اپنے الیکشن مہم میں ووٹوں کو متحد کرنے کا کام کیا ۔ فڑنویس نے اسے قبول بھی کیا کہ ہندو ووٹوں کے ارتکاز نے انہیں فتح سے ہمکنار کیا ۔

    مہاراشٹر الیکشن میں انڈیا اتحاد کی ہار کیلئے اویسی یا سجاد نعمانی میں سے کسی کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جاسکتا بلکہ انڈیا اتحاد خو د ہی اس کا ذمہ دار ہے۔ اول تو کئی جگہ باغی امیدواروں نے بھی انہیں نقصان پہنچایا، دوسرے، آخرآخر وقت تک کئی جگہ ان کے امیدوار کا اعلان ہی نہیں ہوا تھا یا یہ کہ اتحادیوں میں سے یہ سیٹ کس کے حصہ میں آئے گی اس کا فیصلہ نہیں ہوپایا تھا ۔ کئی جگہوں پر ایسا بھی ہوا کہ انڈیا اتحاد ہی آمنے سامنے رہا ۔ ان سب وجوہات سے عوام میں تذبذب پیدا ہوا اور زوردار تشہیر سے بی جے پی نے جو امیج بنائی تھی اس کی وجہ سے انہیں فائدہ ہوا اور انڈیا اتحاد کو نقصان ہوا ۔

    انڈیا اتحاد کو اس کی متکبرانہ سوچ نے بھی نقصان پہنچایا ۔ مثال کے طور پر انہوں وی بی اے یعنی ونچت بہوجن اگھاڑی اور مجلس اتحا دالمسلمین جیسی تنظیموں سے دوری بنائی جب کہ  ان کو اتحاد میں شامل کرنے سے فائدہ ہوتا اور اگر اقتدار تک نہیں پہنچ پاتے تو کم از کم ذلت آمیز شکست کا تو سامنا نہیں ہوتا ۔ جس کا فائدہ اٹھا کر بی جے پی کے لیڈروں نے اپوزیشن لیڈر کا عہدہ دینے سے ہی منع کردیا ہے ۔ جیسا کہ پارلیمنٹ 2014 سے 2019 تک اپوزیشن لیڈر سے محروم رہی ۔ سو بات کی ایک بات یہ ہے کہ بی جے پی اور اس کی حلیف پارٹیوں کی فتح کی وجہ صرف ہندوتوا ایجنڈا نہیں ہے ۔ انہوں نے درپردہ اسے گرم رکھنے کی کوشش تو ضرور کی مگر زمینی سطح پر ترقیاتی منصوبوں کو عوام کے سامنے کامیابی سے پیش کیا جس میں اول لاڈلی بہن منصوبہ ہے۔ اپوزیشن کی سب سے بڑی خامی یہ رہی کہ وہ کئی پروجیکٹ کے مہاراشٹر سے گجرات منتقل ہونے کے معاملے کوزور وشور سے نہیں اٹھا سکے اور نا ہی اس سے ہونے والی بیروزگاری اور معاشی نقصان کو پیش کرسکے ۔

    بہرحال یہ مسلمانوں کی ہار جیت کا معاملہ نہیں ہے کہ وہ آپس میں ہی دست گریباں ہوجائیں ۔ سیاسی پارٹیوں کی ہار جیت میں انہیں قطعی جذباتی ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ اس کے علاوہ، جن مسلم تنظیموں نے بی جے پی اتحاد کے خلاف مہم چلائی وہ درست نہیں ہے ۔ اس لئے کہ اس میں صرف مسلمانوں کو ہی نصیحت کی جاتی ہے کہ انہیں کیا کرنا ہے اور کیا نہیں کرنا ہے ۔ بلکہ  اکثریت کو یہ سمجھانے کی ضرورت ہے کہ مسلمانوں کے تئیں نفرت کی وجہ سے ملک کس رخ پر جارہا ہے اور دنیا میں اس کے وقار کو کس طرح دھچکا لگ رہا ہے۔ مسلمانوں کی سیاسی رہنمائی  کے بجائے انہیں ان کے حال پر چھوڑ دیا جائے کہ وہ کیا کریں۔ مسلمانوں کے پاس اتنی سیاسی سوجھ بوجھ ہے اور وہ خود سے  بہتر فیصلہ کرسکیں۔ 2014سے برابر یہ کوشش ہورہی ہے کہ بی جے پی کو ہرانا ہے مگر نتیجہ اس کے برخلاف آتاہے ۔ اس لئے کسی کو ہرانے اور کسی کو جتانے کا کھیل کھیلنے کی بجائے مسلم لیڈر شپ کی طرف توجہ دی جائے ۔ بھول جائیں کہ مولانا آزاد نے لکھنو کانفرنس میں کیا کہا تھا اور بی جے پی اور کانگریس میں سے آپ کو کس کے ساتھ جانا چاہئے ۔

  • بابری مسجد: جہاں انصاف کو دفن کر دیا گیا

    بابری مسجد: جہاں انصاف کو دفن کر دیا گیا

    چھ دسمبر1992کی رات، بی بی سی نے اپنی نشریات روک کر اعلان کیاکہ اتر پردیش کے شہر فیض آباد سے سنڈے آبزرور کے نمائندے قربان علی لائن پر ہیں اور وہ ابھی ابھی ایودھیا سے وہاں یہان پہنچے ہیں۔ اگلی پاٹ دار آواز قربان علی کی تھی۔ جس میں انہوں نے دنیا کو بتایا کہ مغل فرمانروا ظہیر الدین بابر کی ایما پر تعمیر کی گئی بابری مسجد اب نہیں رہی۔ جس وقت و ہ ایودھیا سے روانہ ہوئے، وہ ملبہ کے ایک ڈھیر میں تبدیل ہوچکی تھی۔

    اس دن 12 بجے کے بعد سے کسی بھی میڈیا ادارے کا ایودھیا میں موجود اپنے رپورٹروں سے رابطہ نہیں ہو پا رہا تھا۔ حکومت دعویٰ کر رہی تھی کہ ایک ہجوم نے مسجد پر حملہ کرکے اس کو معمولی نقصان پہنچایا اور سیکورٹی دستوں نے ان کو کافی پیچھے دھکیل دیا ہے۔ ہندو قوم پرست تنظیموں بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)اور وشو ہندو پریشد(وی ایچ پی)نے جب رام مندر تحریک شروع کی تو میں بھی تقریباً اسی وقت دہلی میں صحافت کی تعلیم مکمل کر رہا تھا۔

    ایل کے اڈوانی کی رتھ یاترا جب چاندنی چوک سے گزر رہی تھی، تو  میں سڑک کے کنارے ہوا میں تلواریں اوربھالے لہراتے ہجوم کو جئے شری رام، مندو وہی بنائیں گے اور بابر کی اولادوں کے نام ان کی دشنام طرازی کے نعرے بلند کرتے ہوئے دیکھ رہا تھا۔

    گو کہ آنجہانی  پرمود مہاجن اس یاترا کے چیف آرگنائزر تھے، مگر دہلی میں بی جے پی کے دفتر میں موجودہ وزیر اعظم نریندر مودی اس کے متعلق پروگرام وغیرہ کی بریفنگ دیتے تھے۔   نومبر 2019 میں سپریم کورٹ کے عجیب و غریب فیصلہ کے بعد تو مسجد ایک قصہ پارینہ بن ہی گئی تھی،  اس کو مسمار کرنے والوں کو بھی لکھنؤ کی خصوصی عدالت نے بری کرکے انصاف کو دفن کر نے کا مزید سامان مہیا کروادیا۔

    گزشتہ 32سالوں سے جس طرح اس مقدمہ کی ٹرائل ہو رہی تھی، اس سے کچھ زیادہ امید یں تو نہیں تھیں، مگر سپریم کورٹ نے جب مسجد کی زمین  ہندو بھگوان رام للا کے سپرد کی، تو مسلم فریق کے تین اہم دلائل کو بھی تسلیم کرکے فیصلہ میں شامل کردیا۔ عدالت اعظمیٰ نے یہ تسلیم کیا کہ 1949 کو رات کے اندھیرے میں مسجد کے محراب میں بھگوان رام کی مورتی رکھنا اور پھر دسمبر 1992کو مسجد کی مسماری مجرمانہ فعل تھے۔

    اس کے علاوہ عدالت نے آثار قدیمہ کی تحقیق کا بھی حوالہ دےکر صاف کردیا کہ 1528 میں جس وقت مسجد کی تعمیر شروع ہوئی، اس وقت کی کسی عبادت گاہ کے آثار نہیں ملے۔ ہاں، کھدائی کے دوران، جو اشیاء پائے گئے، ان سے یہ نتیجہ اخذ کیا جاسکتا ہے کہ اس جگہ پر 11ویں صدی میں کوئی عمارت موجودہ تھی، جو تباہ ہوچکی تھی۔ یعنی 500سالوں تک اس جگہ پر کوئی عمارت موجود نہیں تھی۔

    ان دلائل سے ایک موہوم سی امید جاگ اٹھی تھی، کہ چاہے مسجد کی زمین پر ا یک پرشکوہ مندر کی تعمیر شروع ہو چکی ہے، مگر اس عبادت گاہ کو مسمار کرنے والوں کو قرا ر واقعی سزا دےکر ایک مثال قائم کی جائےگی۔ مگر 2000صفحات سے بھی زائد کےاپنے فیصلہ میں خصوصی عدالت کے جج سریندر کمار یادو نے سپریم کورٹ کی ہدایت اور تمام ثبوتوں کو درکنا ر کرتے ہوئے تمام 32 ملزمان کو بری کر دیا۔ جس طرح اس کیس کی ٹرائل ہو رہی تھی، اس کا میں خود گواہ ہوں۔

    استغاثہ نے جن 351گواہوں کی فہرست کورٹ میں دی تھی، اس میں سے تین شخص میر ے قریبی رفیق تھے، ان سے متواتر معلومات ملتی رہتی تھیں۔ نریندر مودی کی آمد تو 2014 میں ہوئی، اس سے قبل سیکولر سیاسی پارٹیوں، سماج وادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی، جن کی سانسیں ہی مسلمانوں کے دم سے ٹکی ہوئی تھیں، بابری مسجد کی مسماری کے ملزمان کے خلاف کارروائی کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی۔

    حتیٰ کہ ایک معمولی نوٹیفکیشن تک کا اجرا نہیں کرسکیں جس سے خصوصی عدالت میں ان افراد کے خلاف مقدمہ چلایا جا سکتا۔اور جب نوٹیفیکشن جاری کی تو اس میں تکنیکی خامیاں تھیں، جن کو خدا خداکرکے 2010میں الہ آباد ہائی کورٹ کہنے پر دور کیا گیا اور سبھی مقدمو ں کو یکجا کرکے لکھنؤکی خصوصی عدالت میں سماعت شروع ہوئی۔

    معروف فوٹو جرنلسٹ پروین جین نے نہ صرف 6دسمبر کے دن بابری مسجد کی مسماری کی تصاویر لیں تھیں، بلکہ اس سے کئی روز قبل ایودھیا کے نواح میں کارسیوکوں کے گروپ میں شام ہوکر ریہر سہل میں حصہ لےکر اس کی تصویریں بھی کیمرہ میں محفوظ کر دی تھیں۔ ان کے اخبار دی پائینیر نے مسجد کے مسمار ہونے کے بعد ان کو شائع کیا تھا۔استغاثہ نے ان کو بطور گواہ بنایا تھا۔ اس دوران ان کو کس طرح ہراساں  کیا جاتا تھااور کورٹ میں حاضری کے دن ان کو وکیلوں و عدالتی اسٹاف کے معاندانہ رویہ کا کس طرح سامنا کرنا پڑتا تھا، یہ خود ایک درد بھری داستان ہے۔

    سمن آنے پر مقررہ تاریخ سے ایک روز قبل وہ دہلی سے بذریعہ ٹرین  لکھنؤ کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ دن بھر عدالت کے باہر اردلی کی آوا ز کا انتظار کرنے کے بعد بتایا جاتا تھاکہ آج گواہی نہیں ہوگی، کیونکہ یا تو جج موجود نہیں ہے، یا استغاثہ یا وکیل دفاع موجود نہیں ہے۔ جین کے بقول کئی سالوں تک اس طرح کی گردشوں کے بعد جب ایک دن ان کو گواہوں کے کٹہرے میں کھڑا کر دیا گیا، اوران کا بیان ریکارڈ ہونے ہی والا تھا، کہ ایک معمر وکیل نے کٹہرے کے پاس آکر اپنا منہ ان کے کان کے پاس لاکر ماں، بہن کی گالی دےکر دھمکی بھی دے ڈالی۔ جین نے بلند آواز میں جج کو متوجہ کرتے ہوئے شکایت کی کہ ان کو بھری عدالت میں دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

    جج نے حکم دیا کہ ان کو ایک سفید کاغذ دیا جائے تاکہ یہ اپنی شکایت تحریری طور پر دیں۔ شکایت جج کے پاس پہنچتے ہی وکیل دفاع نے دلیل دی کہ اب پہلے اس کیس کا نپٹارہ ہونا چاہیے کہ گواہ کو کس نے گالی اور دھمکی دے دی۔ اس دوران کورٹ میں ہنگامہ مچ گیا اور گواہی اگلی تاریخ تک ٹل گئی اور بتایا گیا کہ وہ اپنا وکیل مقرر کریں، کیونکہ اب پہلے ان کو عدالت میں دھمکانے کا کیس طے ہوگا۔ تنگ آکر جین نے یہ کیس واپس لیا اور اصل کیس یعنی بابری مسجد کی مسماری سے متعلق اپنا بیان درج کروانے کی درخواست کی۔

    اس طرح دوبارہ کئی تاریخوں کے بعد جب گواہی درج ہوگئی تو ان کو بتایا گیاکہ بس تصویریں کافی نہیں ہیں، 6دسمبر کے دن ایودھیا میں اپنی موجودگی ثابت کریں۔ خیر کسی طرح کئی ماہ کی تگ ودو کے بعد انہوں نے ایودھیا کے ضلعی صدر مقام فیض آباد کے ایک ہوٹل سے پرانا ریکارڈ نکالا اور اپنے پرانے ادارے پائینیر کا ایک سرٹیفیکٹ بھی حاصل کیا۔ مگر اب کورٹ میں ان کو بتایا گیا کہ یہ کاغذات بھی ناکافی ہیں۔ آخرکئی دہائی قبل کا ٹرین ٹکٹ ان کو مل گیا اور اب کئی سالوں کے بعد یہ طے ہو گیا کہ وہ اس دن ایودھیا میں تھے۔

    مگر اب ان کو بتایا گیا کہ ان کی تصویریں قابل اعتبار نہیں ہیں، اس لیے ا ن کے نگیٹو پرنٹ کورٹ میں پیش کرنے ہوں گے۔ اس دوران دہلی میں ان کی عدم موجودگی میں ان کے فلیٹ پر چوروں نے دھاوا بھول دیا اور پورے گھر کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔ گھر کی جو حالت تھی اس سے معلوم ہوتا تھا کہ درانداز کسی چیز کو تلاش کر رہے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ نقدی، زیورات اور دیگر قیمتی سامان غائب تھا، مگر تصویروں کے نگیٹو بچ گئے تھے، کیونکہ وہ انہوں نے کسی دوسری جگہ حفاظت سے رکھے ہوئے تھے۔

    کورٹ میں مسجد کی شہادت کی تیاری اور باضابطہ ریہر سہل کرنے کی تصویریں پیش کی گئیں۔ معلوم ہوا کہ دو سول انجینئر اور ایک آرکیٹیکٹ مسجد کی عمارت گرانے کے لیے کارسیوکوں کو باضابطہ ٹریننگ دے رہے تھے۔ ان سب کے چہرے تصویروں میں واضح تھے۔

    اسی طرح میرے کشمیری پنڈت دوست سنجے کاوؤ بھی ایک گواہ تھے۔ انہوں نے مسجد کی شہادت سے قبل باضابطہ ایک اسٹنگ آپریشن کے ذریعے انکشاف کیا تھا کہ 6دسمبر کو بابری مسجد کو مسمار کر دیا جائے گا۔ ان دنوں خفیہ کیمرہ سے اسٹنگ کا رواج نہیں تھا۔ کاؤ کے مطابق  اخبار اسٹیٹس مین کے دفتر سے رات گئے جب وہ آفس کی گاڑی میں گھر جا رہے تھے، تو ڈرائیور نے ان کو بتایا کہ ایودھیا میں اس بار کچھ بڑا ہونے جا رہا ہے۔

    ایڈیٹر نے اگلے دن ان کو ایودھیا جانے کی اجازت دے دی۔ مگر کاؤ نے صحافی کے بجائے ایک کارسیوک کے طور پر جانے کی ٹھانی اور دہلی میں بی جے پی کے دفترمیں سنجے کول کے نام سے اندراج کرواکے کار سیوک کا کارڈ حاصل کیا۔ ہندو اور کشمیری پنڈت ہونے کے باوجود نہ صرف ٹرین میں بلکہ فیض آباد میں اس کا کئی بار انٹروگیشن کیا گیا۔

    شاید میں نیا چہرہ تھا، و ہ بار بار شک کی نگاہ سے مجھے دیکھتے تھے۔ میں نے اپنے آپ کو ایک انجینئرنگ اسٹوڈنٹ بتایا، جس کو کشمیر میں حالات کی خرابی کی وجہ سے تعلیم ادھوری چھوڑنی پڑی ہے۔

    ایودھیا پہنچنے پر ایک بار پھر چھ سات افراد نے تفتیش کی۔ کشمیری پنڈت ہونے کی دہائی دےکر آخر کار اس کو کارسیوکوں کے ایک گروپ میں شامل کرکے خیمہ میں رہنے کے لیے کہا گیا۔

    واکی ٹاکی ہاتھ میں لیے ایک سادھو اس گروپ کا سربراہ تھا، جس نے اگلے دن ایک قبرستان میں لے جاکر ان کو قبریں منہدم کرنے کا حکم دے دیا۔ وہ بار بار ان کو تاکید کر رہا تھا کہ ہاتھ چلانا سیکھو۔ کارسیوک آپس میں گفتگو کر رہے تھے کہ اسی طرح مسجد کو بھی توڑنا ہے۔ سادھو نے اس کو خبردار کیا تھا کہ صحافی یا خفیہ محکمہ کا کوئی فرد ان کے آس پاس نہ پھٹکنے پائے۔ بار بار کے انٹروگیشن، ریہر سہل  اور صحافیوں کے تئیں کارسیوکوں کے رویہ نے کاؤ کو کافی ڈرا دیا۔

    رات کے اندھیرے میں وہ خیمہ سے بھاگ کر پہلے فیض آباد اور پھر دہلی روانہ ہوگیا، جہاں اس نے اسٹیٹس مین میں کئی قسطوں میں چھپی رپورٹوں میں بتایا کہ مسجدکی مسماری کی تیاریاں پوری طرح مکمل ہیں۔

    دنیا کو مسجد کی شہادت کی خبر دینے والے صحافی قربان علی کے مطابق شام چھ بجے تک تاریخی شاہی مسجد کو ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا گیا تھا۔ وہ بی بی سی کے جنوبی ایشیاکے بیورو چیف مارک ٹلی کے ساتھ کئی روز سے ایودھیا میں مقیم تھے۔ ان کا کہنا ہے گو کہ افواہوں کا بازار گرم تھا، مگر مسجد کی مسماری کا اندازہ نہیں تھا۔ ہندوستانی وقت کے مطابق 11:30بجے صبح کارسیوکوں نے مسجد پر دھاوا بول دیا۔ اس کے ساتھ ایک اور گروپ صحافیوں کو ڈھونڈکر ان کو پیٹ پیٹ کر کمروں میں بند کر رہا تھا۔

    مارک ٹلی اور علی ان کو جل دیکر کسی طرح ایودھیا سے نکل کر فیض آباد پہنچے، اور وہاں کے ٹیلی گراف آفس سے دہلی خبر بھیجی۔ اس وقت فیض آباد میں مقیم سینٹرل ریزور پولیس فورس کے دستوں نے ایودھیا کی طرف مارچ کرنا شروع کر دیا تھا۔ یہی آخری خبر تھی، جو دہلی تک پہنچ سکی تھی۔ واپسی پر ان دونوں صحافیوں نے دیکھا کہ سینٹرل فورس کو ایودھیا کے باہر ہی روک لیا گیا ہے۔ خیر وہ دوسرے راستے سے  ایودھیا شہر میں داخل ہوئے اور ایک ہجوم نے مارک ٹلی کو پہچان کر ان دونوں کو ایک بوسیدہ مندر کے کمرے میں بند کردیا۔وہ پہلے ہمارے قتل کے لیے آپس میں مشورہ کررہے تھے۔ پھر ان کے سربراہ نے ان کو بتایا کہ پہلے مسجد کا قضیہ نپٹے، یعنی پوری طرح مسمار ہو، پھر ان کی تقدیر کا فیصلہ کریں گے۔شام کو کسی دوسرے گروپ نے تالا کھولا اور ان کو وی ایچ پی کے سربراہ اشوک سنگھل کے دربار میں حاضر کروایا، جو قربان علی اور مارک ٹلی سے واقف تھے۔ انہوں نے ان کو رہا کرادیا۔ مگر شہر سے جانا ابھی بھی جوئے شیر لانے سے کم نہ تھا۔ علی کا کہنا ہے کہ ایودھیا سے فیض آباد کی محض دس کیلومیٹر کی دوری اس دن کئی سو کیلومیٹر کا ٖفاصلہ لگ رہا تھا اور جب وہ فیض آباد کے ہوٹل میں داخل ہو رہے تھے تو اس وقت بی بی سی اردو کی رات کی نشریات جاری تھیں، جس نے ان سے فون پر بات کرکے دنیا تک خبر پہنچائی۔

    معروف قانون داں اور مصنف اے جی نورانی نے اس موضوع پر اپنی  کتاب National Dishonour  : Destruction of Babri Masjid              ‏   کی تیسری جلد میں بابری مسجد کی ڈھانے کی سازش پر خوب بحث کی ہے۔ ان کے بقول مسجد کی شہادت میں ہندوستانی عدلیہ اور انتظامیہ نے بھر پور کردار ادا کرکے اپنی فرقہ وارانہ ذہنیت کی پول کھول دی ہے۔نہ صرف نچلی عدالتوں کے لیت و لعل سے بلکہ اس وقت کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس وینکٹ چلیا کے طریقہ کار نے بھی مسجد کی مسماری کی راہ ہموار کردی۔

    نورانی نے انکشاف کیا  کہ جسٹس چلیا مسجد کو بچانے اور آئین اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے بجائے کار سیوکوں کی صحت سے متعلق فکر مند تھے۔غالباً یہی وجہ تھی کہ 1998 میں بی جے پی کی قیادت والی مخلوط حکومت کے قیام کے بعد ان کو شاید انہی خدمات کے بدلے ایک اعلیٰ اختیاری کمیشن کا سربراہ مقرر کیا گیا۔ سابق سکریٹری داخلہ مادھو گوڈبولے کے مطابق ان کو بھی مسجدکی شہادت کی تیاری کی اطلاع تھی، اسی لیے ان کے محکمہ نے ریاست اتر پردیش میں گورنر راج نافذ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔مگر وزیراعظم نرسمہا راؤ  نے اس کو نامنظور کر دیا۔

    نورانی کا کہنا ہے کہ راؤ خود،  مسجد کی شہادت میں بلا واسطہ ملوث تھے۔ ان کے مطابق کانگریس کے اندرا گاندھی کے دور اقتدارمیں ہی بابری مسجد کی جگہ پر رام مندر کی تعمیر کی راہ ہموار کرنے کے لئے وشو ہندو پریشد کے ساتھ ایک ڈیل ہوئی تھی۔گوکہ پریشد نے اندرا گاندھی کی ہلاکت کے بعد اپنی تحریک روک دی مگر راجیو گاندھی نے اس ڈیل کو پھر زندہ کیاتاہم، اس سے پہلے وہ مسلمانوں پر کوئی احسان کرنا چاہتے تھے۔اس کے لیے ان کے حواریوں نے ایک مسلم مطلقہ خاتون شاہ بانو کا قضیہ کھڑا کیا اور پارلیامنٹ سے ایک قانون پاس کروایا کہ مسلم پرسنل لا میں عدالت کوئی ترمیم نہیں کر سکتی۔

    مصنف کے بقول انہوں نے راجیو گاندھی کو مشورہ دیا تھا کہ اس قضیہ کو کھینچنے کا کو ئی فائدہ نہیں ہے، اور اس کو اینگلو محمڈن قانون کے بجائے شرعی قانون کے مطابق حل کیا جاسکتا ہے،مگر وہ مسلمانوں کو سیاسی بیوقوف بنانے پر تلے ہوئے تھے تاکہ پریشد کے ساتھ ڈیل کو آگے بڑھایا جاسکے۔ اور یہی ہوا۔بابری مسجد کو مسمار کرنے، اس کے قصور واروں کو سزا سے بچانے میں ہندو قوم پرستوں سمیت سیکولر جماعتیں کے دامن بھی خون سے آلودہ ہیں۔ اس حمام میں سب ننگے تھے۔ بابری مسجد نے شہادت کے بعد ان سبھی چہروں سے نقاب اتار کر پھینک دیے ہیں اور اگر ابھی بھی کسی کو یہ چہرے اصل روپ میں نظر نہ آتے ہوں، تو یقیناً ان کی دماغی حالت پر شبہ کے علاوہ اور کیا کیا جاسکتا ہے۔

  • مسلمان اور ہندوستانی سیاست کا منظر  اور پس منظر

    مسلمان اور ہندوستانی سیاست کا منظر  اور پس منظر

    لوک سبھا 2024کے الیکشن کے نتائج بعد لگ رہاتھا کہ گزشتہ دس سال سے جاری سیاسی اتھل پتھل، بیانیوں کی لڑائی اور ہندومسلم کشمکش کو بریک لگے گا لیکن سمودھان بچاؤ کے بیانیہ سے زخم خوردہ قوتیں مایوس ہوکر بیٹھنے کی بجائے اس کا تریاق ڈھونڈنے میں لگ گئی ہیں، جب کہ  اپوزیشن اتحاد جزوی فتح کو مکمل سمجھ کر پاؤں پھیلاکر سوگیا ہے۔

    ریاست کو 24/7 میں تبدیل کرنے والے بازی پلٹنے میں ماہر ہیں ۔ان کی صفوں سے ‘کٹیں گے تو بٹیں گے’ کا نعرہ اچھلا جو دوسری فیکٹری کے پروڈکٹ میں زیادہ کلچرڈ ہوکر ‘ایک ہیں تو سیف ہیں’کی شکل میں سلوگن بن گیا ،اس نے ہریانہ اور مہاراشٹر میں فتوحات دلا دیں۔ یہ سیاسی بیانیہ تھا مگر اس سے دوررس مقاصد حاصل نہیں ہوسکتے تھے،  ذات پات میں بٹے سماج کے لئے اور بھی تیز دوا کی ضرورت تھی۔ اسے تہذیبی و ثقافتی جارحیت سے صیقل کرنا تھا اس کے لئے آزمودہ نسخہ تاریخ کے جھولے سے نکالا گیا۔مسلمانوں کے مذہبی آثار و عبادت گاہوں میں مندر تلاش کرنے اوران پر قبضہ کرنے کی مہم، جس کا آغاز 1980سے ہوا تھا۔ اب یہ آگ پورے ملک میں پھیل گئی ہے۔سنگھ کے سر سنچالک کی واضح ہدایات کے باوجود کئی سوسالہ مساجد، مزارات، خانقاہوں پر دعوے کئے جانے لگے۔ یہ مہم جو بابری مسجد سے شروع ہوئی تھی متھرا،کاشی سے ہوکر سنبھل،بدایوں، جونپور اجمیر، دارالعلوم دیوبند کے راستے دہلی کی جامع مسجد تک پہنچ گئی ہے۔ اور کہاں کہاں لال نشان لگیں گے کہا نہیں جاسکتا۔ فہرست میں تین نہیں تین ہزار مسجدیں ہیں۔

    عام لوگوں کے ذہنوں میں کتنا زہر اتاراجارہا ہے اسے سیاسی لیڈروں کے بیانات سے با آسانی سمجھا جاسکتا ہے۔ اب تو عدالتوں کے جج بھی وہی زبان بول رہے ہیں جو کسی عام سے ہندوتو وادی کے منھ سے نکلتے ہیں۔ شمالی ہندوستان کے اکثریتی فرقہ کے لوگوں کو "کھودو ابھیان” پر لگادیا ہے۔ نچلی عدالتیں آستھا اور جذبات’ کے آبگینوں کا پورا احترام وخیال رکھ رہی ہیں۔ ہندوستانی سیاست اور عدلیہ نے ایک بھسماسورپیدا کیا ہے جو معاشرے میں مذہبی تقسیم کو گہرا کر رہا ہے۔ نفرت وتشدد کی کھیتی کو زہر کا پانی دیتے وقت تصویر کے اس رخ کو چھپا لیا جاتا ہے کہ "ہندو راجہ ہرش دیو نے دیوتپٹانائک نام کا ایک افسر مقرر کیا تھا، جس کا کام مندروں کی مورتیوں کو اکھاڑنا اور ان کے نیچے دبی دولت کو لوٹنا تھا۔ یہ کلہن کی ‘راجترنگینی’ میں کہا گیا ہے۔ اسی طرح یہ بھی بھلادیا جاتا ہے کہ مراٹھا بادشاہ نے سری رنگا پٹنم میں ایک مندر کو تباہ کیا تھا۔ قرون وسطیٰ میں اس تناظر میں مذہب کی کوئی خاص اہمیت نہیں تھی۔ مذہبی مقامات کی لوٹ مار اور مسماری کے پیچھے کوئی مذہبی وجوہات نہیں تھیں۔ اس کے برعکس موریہ دور کے خاتمے کے بعد بدھ مت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے بدھ خانقاہوں (مٹھوں) کو تباہ کر دیا گیا۔ حال ہی میں اس کی بازگشت پسماندہ طبقے کے ایک لیڈر سوامی پرساد موریہ کے بیان میں سنائی دی جن کا کہنا ہے :

    "اگرگڑھے مردے اکھاڑے جائیں گے تو مسجدوں میں مندر تلاش کرنے والوں کو بہت مہنگا پڑے گا، اس لیے ہر مسجد میں مندروں کی تلاش بند کرو ورنہ لوگ مندروں میں بودھ مٹھوں کی تلاش شروع کر دیں گے۔ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ بدری ناتھ، کیدارناتھ، جگن ناتھ پوری، رامیشورم سبھی بدھ مت کی خانقاہیں( مٹھ ) تھیں، لیکن  یہ سب ہندو مندر میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ اگر ایسا ہوا تو معاملہ یہیں نہیں رکے گا، آگے بھی جائے گا۔موریہ نے پوچھا کہ اشوک سمراٹ نے بدھ مت کے 84 ہزار ستون بنائے تھے، وہ کہاں گئے؟ یعنی ان لوگوں نے انہیں گرا کر مندر بنائے ہیں، اس لیے اگر کسی مسجد میں مندر دریافت ہوا تو مندر میں بدھ مت کے مٹھ بھی دریافت ہوں گے”۔

     

    بات یہیں نہیں رکی ڈاکٹر امبیڈکر کے پڑپوتے ،سنودھان سرکشا آندولن کے سکریٹری اور انڈین بدھسٹ سوسائٹی کے قومی صدر راج رتن امبیڈکر نے جے پور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران وارننگ دی کہ "اگر یہ سلسلہ بند نہیں ہوا تو بدھسٹ سوسائٹی آف انڈیا بھی  پیچھے نہیں رہے گی اور ایسی صورت حال میں بدھسٹ سوسائٹی آف انڈیا ان بودھ وہاروں کی واپسی کا مطالبہ کرے گی جن پر ہندو بناکر  قبضہ کر لیا گیا ہے۔ میں نے اس طرح کی دو عرضیاں پہلے ہی تیار کر رکھی ہیں۔ میری پہلی عرضی تروپتی بالاجی مندر پر ہے اور دوسری سومناتھ مندر پر ہے۔“ کیا بدھسٹ واقعی ایسا کریں گے’۔ اگر ایسا ہوگیا تو یہ ہندوتووادی طاقتوں پر کاری ضرب ہوگی اور ملک کی سیاست کا رخ نوے ڈگری زاویے پر گھوم جائے گا۔

    یہ پیش منظر کا جائزہ تھا اب اس کا اصل پس منظر جاننا بھی ضروری ہے کہ آخر این آرسی کے نفاذ ، نسل کشی کی دھمکیوں کی بھگوا مہم کے دوران اچانک یہ معاملہ کہاں سے آگیا کہ ہر شخص کاندھے پر ایک پھاوڑا،کسی پرانی مسجد کا نقشہ اور شیو لنگ کی تلاش کا سودا سر میں لیے گھوم رہا ہے۔ ہندو راشٹرواد کی پاٹھ شالہ کے نصاب میں اس بیانیہ کی لگاتار گردان کے تار کہاں سے ملتے ہیں؟آخر اس کی جڑ میں کیا ہے اور کیوں ہے ؟خوف و نفرت کے خمیر سے تیار ‘ایک ہیں تو سیف ہیں’ کے لئے مسجدوں پر قبضہ اور اپنی ‘وراثت ‘کو عدلیہ کے زور سے چھین لینے کی سنک بھی کسی خوف کا ہی نتیجہ ہے؟ اور 80فیصد کو 20 فیصد کے فرضی خطروں سے ڈرانے کا کھیل کیا ہے ؟ مسلمان ہی اس کا آسان چارہ کیوں بن رہا ہے ؟ ان سوالوں کا جواب تلاش کرنے کے لیے تہہ میں جانے کی ضرورت ہے۔

    دراصل اس حکمت عملی کے کئی سر ہیں اور اس کی بنیاد جات پر مبنی مردم شماری اور منڈل بنام کمنڈل کی سیاست کا ایکسٹینشن ہے، جس میں مسلمان سینڈوچ بن کر رہ گیا ہے۔ یہ بات یاد  رکھنی چاہیے کہ فسطائی راشٹرواد کو نفرت کی غذا سے پروان چڑھایا جاتا ہے اور اس کے لئے ایک دشمن کا ہونا ضروری ہے۔ جیسے ہٹلر نے یہودیوں کے خلاف فضا بنائی تھی تاکہ انہیں سزا دینے کا جواز  پیدا ہوسکے۔ ہندوتو راشٹرواد اسی راستے پر چل رہا ہے۔ مگر سمودھان اور ذات پر مبنی مردم شماری کے نعروں کے اس حکمت عملی میں سوراخ کردیا گیا اور ہندوایکتا کے نعرہ کی گونج بھی مدھم پڑگئی تھی۔ تصور کیجئے اگر ہندوؤں کے پسماندہ طبقات آبادی کے تناسب سے اپنے حقوق کے لئے اٹھ کھڑے ہوں اور اقتدار میں حصے داری کے دعوے دار بن جائیں تو برہمنیت کے اقتدار اعلیٰ کو سنگین خطرہ لاحق ہو سکتے تھے۔ ماضی میں بھی منڈل تحریک کے نتیجہ میں وہ کمزور ہوگئے تھے۔  مرکز سے لے کر ریاستوں تک اقتدار کی باگ ڈور اوبی سی و دلتوں کے ہاتھ میں آگئی تھی جس کو کانشی رام جیسے لیڈروں نے اور مضبوط کردیا تھا ۔ یوپی تیس سال تک ان سے دور چلاگیا اور بہار میں آج بھی نکیل اسی طبقہ کے ہاتھ میں ہے۔ اس کا آغاز مخلوط حکومتوں کے دور سے ہوا۔ ویسے تو مرکز میں ایمرجنسی کے بعد جنتا پارٹی کی سرکار اس کی پہلی مثال ہے۔  مگر یہ عبوری دور تھا کیوں کہ  کانگریس جلد ہی اکثریت کے ساتھ لوٹ آئی۔ پھر وی پی سنگھ کے زمانہ سے 2013 تک یہی دور رہا ۔گرچہ آج بھی کہنے کو تو مرکز میں  مخلوط حکومت ہے مگر بی جے پی نے اپنے حلیفوں کی ای ڈی ،سی بی آئی وغیرہ کی مدد سے مشکیں کس رکھی ہیں۔ مہاراشٹر میں مراٹھا سیاست کے کس بل نکال دیے ہیں۔ ہریانہ میں جاٹوں کے غلبہ والی سیاست کا جنازہ نکال دیا گیا اور یوپی میں او بی سی کی کمر پر سوار ہوکر وہ اقتدار کی ملائی کھارہی ہے۔ یعنی منڈل سیاست کے نتیجہ میں لالو،آنجہانی ملائم سنگھ یادو، نتیش، مایاوتی وغیرہ پیدا ہوئے جو آج بھی کہیں نہ کہیں ہندوتو راشٹرواد کے لئے رکاوٹ بنے ہوئے ہیں لیکن کسی کو کرپشن تو کسی کو دوسرے معاملات میں انگیج کرکے کمزور کردیا گیا جب کہ نئی مضبوط قیادت پیدا نہیں ہورہی ہے۔ گزشتہ لو ک سبھا الیکشن میں اکھلیش نے پی ڈی اے کا تجربہ کرکے بی جے پی کو دھول چٹا دی  اوراترپردیش کی آدھی سے زیادہ سیٹوں پر قبضہ کرلیا۔ دولڑکوں کی جوڑی ہٹ رہی اور اس نے بی جے پی کو مرکز میں اکثریت حاصل کرنے سے روک دیا۔مودی سرکار کو پہلی بار خود کو این ڈی اے سرکار کہنا پڑا۔اس سے ہندوتووادی طاقتوں کے کان کھڑے ہوگئے۔

    2027 میں سنگھ کی مرکزی لیباریٹری کے ہاتھ سے نکل جانے کا خطرہ منڈلانے لگا ہے۔ ظاہر ہے اگر یوپی مٹھی میں نہ رہے تو پھر 2029 میں مرکز کیسے رہ پائے گا۔ چنانچہ ناراضگی کا ڈھونگ کرنے والی آرایس ایس اور بی جے پی کیرل میں سر جوڑ کر بیٹھے۔ مفاہمت کا مژدہ سنایا ،اوبی سی اور  دلتوں کو اپنے پالے میں لانے کا منصوبہ بنایا گیا اور سب کا ساتھ سب کا وکاس کی چادر اتار پھینکی گئی۔ ،ہمیں یاد ہے کہ 2024 کی انتخابی مہم میں نفرتی بھاشنوں کے ساتھ شریعت کے لاگو ہوجانے، ہندووں کی جائیداد یہاں تک کہ منگل سوتر تک مسلمانوں کے پاس چلے جانے کا خوف، پی ایم کی سطح سے پھیلایا گیا۔ مگر سمودھان بچاؤ اور ریزرویشن چھن جانے کا خوف اس پر حاوی رہا۔ رام مندر بن جانے کا ایشو ہوا میں تحلیل ہوگیا یعنی منڈل بنام کمنڈل کی لڑائی میں منڈل کافی حد تک کام کرگیا مگر اتنا بھی نہیں جس کی کہ توقع کی جارہی تھی۔  اس مہم میں مسلمان نے جی جان لگادی اور منڈل وادی طاقتوں کا ساتھ دیا۔ یہ  پیغام بہت دور تک چلاگیا ،بی جے پی اپنے دم پر ماضی کے دوچناو کی طرح اکثریت حاصل نہیں کرسکی۔اس صورت حال نے ہندوتووادی طاقتوں کو بے چین کردیا اور اتر پردیش کے ضمنی چناؤ سے پہلے بہرائچ اور فوری بعد سنبھل میں جو کچھ ہوا اس پر مزید کچھ کہنے کی ضرورت نہیں۔

    غورکرنے کی بات ہےکہ لوک سبھا الیکشن کے فوری بعد متھرا، کاشی سے آگے بڑھ کر اچانک مسجدوں اور درگاہوں میں شدت کے ساتھ مندر تلاش کئے جانے لگے حتی کہ اجمیر درگاہ پر بھی ہاتھ ڈال دیا گیا۔ عدالتیں فراخ دلی کے ساتھ دھڑا دھڑ سروے کرانے کے احکامات صادر کرنے لگیں اور انتظامیہ سرعت کے ساتھ عدلیہ کے حکم کی بجاآوری میں جٹ گئی ۔محکمہ آثار قدیمہ کی دوربین نگاہوں کو ان میں مندر کے آثار نظر آنے لگے۔کئی سوسالہ ‘غلامی’ کا انتقام نئی نسل سے لینے کی پرتگیا دھرم سنسدوں میں کی جانے لگی ہے۔ مرکزی وزار کھلے عام رام زادوں اور ۔۔؛؛؛ کا موازنہ کرتے نظر آئے۔ دیش کے غداروں کو گولی مارنے کی ترغیب دینے لگے۔ عام مسلمان لنچنگ کے نام پر سڑکوں پر مارا جانے لگا گویا اس کا خون بہانا جائز ہوگیا۔

    عدلیہ کے بدلتے رویے کی ایک مثال عزت مآب جسٹس شیکھر یادو ہیں جن کے بیان نے سپریم کورٹ کو بھی نوٹس لینے پر مجبور کردیا۔ ان باتوں پر  مرکزی و ریاستی سرکاروں کی خاموشی بتاتی ہے اس رجحان کو ان کی حمایت حاصل ہے۔ یہ آنچ جتنی بھڑکے گی منڈل وادی قوتوں کا لڑنا اور مسلمان کے خلاف جاری نفرتی مہم کے خلاف بولنا مشکل ہوجائے گا۔ ایک طرف ووٹ پالیٹکس کی وجہ ان کا بولنا مشکل ہوگیا ہے۔   بدقسمتی سے مسلمان چکی کے دوپاٹوں کے درمیان پس رہا ہے ۔مسلم لیڈرشپ نے منڈل وادیوں کا ساتھ تو دیا مگر ان کی جھولی میں ووٹ ڈلوانے تک، اس کا بھرپور سیاسی فائدے اٹھانے میں وہ ناکام رہی۔ وہیں مسلمانوں کی چوڑیاں کسے جانے کی خوشی میں اکثریت اپنے سارے مسائل اور غم بھول گئی ہے۔ اس وقت گیند سپریم کورٹ کے پالے میں ہے اور اس نے یہ گیند مرکز کے پالے میں ڈال دی کہ پلسز آف ورشپ ایکٹ پر اپنا موقف چار ہفتوں میں بتائے۔ مان لیجیے مرکزنے اس قانون پر اپنے تحفظات پیش کردیے تب کیا ہوگا ۔ ان حقائق پر غور کرنے کی ضرورت ہے ۔سارا کھیل سیاسی ہے ہمیں “کھودو ابھیان“ کا منظر،پس منظر اور پیش منظر ذہن میں رکھنا ہوگا اور اس کے دوررس سیاسی اثرات کو دھیان میں رکھتے ہوئے حکمت عملی بنانی پڑے گی۔ وقف ترمیمی بل اسی ترشولی سیاست کا حصہ ہے۔مسلمانوں کی سخت جانی ،مذہب سے اٹوٹ وابستگی اور شناخت سے سمجھوتہ نہ کرنے کی ضد ہندوتووادیوں کے لئے چیلنج بنی ہوئی ہے۔ یہ مزاحمت کی جنگ ہے اور فیصلہ کن بھی۔

  • ہند۔بنگلہ دیش تعلقات پر اکھنڈ بھارت کی سوچ کا اثر

    ہند۔بنگلہ دیش تعلقات پر اکھنڈ بھارت کی سوچ کا اثر

    گزشتہ جولائی سے ہی ’’بنگلہ دیش ‘‘بھارتی میڈیا کی سرخیوں میں ہے۔اگست میں شیخ حسینہ کے زوال اور محمد یونس کے ذریعہ عبوری وزیر اعظم کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد سے ہی ’’بنگلہ دیش میں ہندو خطرے میں ہے‘‘۔’بھارتی میڈیا ’بنگلہ دیش میں مندروں کو منہدم کیا جارہا ہے‘‘،جیسی سرخیوں سےچھایا ہوا ہے۔ہندتو قدامت پسند تنظیمیں ،میڈیا اور بی جے پی مخالف جماعتوں کی طرف سے بھی اس معاملے کو شدت سے اٹھایاجارہا ہے۔ممتا بنرجی گزشتہ دس دنوں میں تین مرتبہ مغربی بنگال اسمبلی میں’’ بنگلہ دیش میں ہندوؤں کےتحفظ سے متعلق سخت بیانات دے چکی ہیں بلکہ انہوں نے مرکزی حکومت کو اقوام متحدہ کی نگرانی میں امن فورس بھیجنے کے لیے  پہل کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔کئی حلقوں سے بنگلہ دیش میں مداخلت کی آواز بلند ہورہی ہے۔اب تو ملک کی مسلم تنظیمیں اور مسلم شخصیات بھی بنگلہ دیش میں ہندوؤں  کے تحفظ اور سیکورٹی کے سوال پر’ میڈیائی پروپیگنڈے‘کو من و عن تسلیم کرتے ہوئے پریس کانفرنس اوربیانات دے رہی ہیں ۔

    بھارتی میڈیا کی ہنگامہ آرائی اور سیاسی جماعتوں کا شور و غل اپنی جگہ مگر کئی بنیادی سوالات ہیں جن کا جائزہ لیے بغیر اصل حقائق تک نہیں پہنچا جاسکتا ہے۔پہلا بنیادی سوال یہی ہے کہ بھارت کی میڈیا میں جس طریقے سے ہندوؤں  پر حملے سے متعلق واویلا کیا جارہا ہے کیا وہ حقائق پر مبنی ہیں؟ دوسرا اہم سوال یہ ہے کہ حملے ، تشدد کی خبریں کن ذرائع سے آرہی ہیں ؟ تیسرا اہم سوال یہ ہے کہ بنگلہ دیش کی آبادی کا محض 8فیصدآبادی ہندوؤں پر مشتمل ہے۔اس کے باوجود حسینہ کے زوال کے محض تین دن بعد سے ہی بنگلہ دیش میں آباد اقلیتی جماعتیں اتنے بڑے پیمانے پر احتجاج کا انعقاد کیوں کررہی ہے؟ آخری الذکر سوال اس لئے بھی اہم ہے کہ شیخ حسینہ کے زوال کے بعد عوامی لیگ کے لیڈران ، حامی ، ورکرس اور حکومتی کارندوں کے خلاف عوامی ناراضگی بڑے پیمانے پر سامنے آئی ۔ چناں چہ لاقانونیت ، پولس انتظامیہ کی بے عملی کی وجہ سے شیخ مجیب الرحمن کےمجسمے ، وزیر اعظم ہاؤس ، عوامی لیگ کے حامی ، مرکزی وزرا اور حکومتی کارندوں کے مکانات پر پر توڑ پھوڑ ہورہی تھی مگر اچانک بھارتی میڈیا میں اقلیتوں پر حملے کی خبریں گردش کرنے لگی اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس خبر میں شدت آتی چلی گئی۔جب کہ بی بی سی اور کئی بین الاقوامی میڈیا مندرروں اور دیگر اقلیتوں کے مذہبی مقامات کی حفاظت کرنے کی تصویریں بھی سامنے آئیں ۔مدرسوں کے طلبہ مندروں کی حفاظت کرتے ہوئے نظرآئے مگر یہ سب بھارت کی میڈیا سے غائب تھا۔

    8ستمبر کو محمد یونس نے عبوری حکومت کے سربراہ کا عہدہ سنبھالا اور 9ستمبرکو ہی شاہ باغ با اسکوائر میں  ملک کے مختلف حصوں سے سڑکوں سے نکل پر ہندو بڑی تعداد میں جمع ہوگئے اور لاقانونیت ،ہندوؤں  کے گھروں اور مندر وں پر حملہ کے خلاف احتجاج کرنے لگے ۔اس میں کوئی شک نہیں ہے گزشتہ چند برسوں میں شیخ حسینہ کے سیاسی مخالفین نےاس بیانیہ کومضبوط کیا تھا کہ حسینہ حکومت ہندوؤں  کی منھ بھرائی کررہی ہے اور حکومت کے اعلیٰ عہدوں پر غیر مسلموں کی تقرری نے ناراضگی پھیلائی اور عوامی لیگ خود کو  اقلیتوں کے محافظ کے طور پر پیش کرتی تھی چناں چہ حسینہ کے حامی غیر مسلم لیڈران بھی زد میں آئے ۔

    بنگلہ دیش میں اقلیتوں پر حملے سے متعلق خبریں کن ذرائع سے آرہی ہے اس کا صحیح انداز ہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ کسی بھی بھارتی میڈیا  کاکوئی نمائندہ ڈھاکہ یا پھر بنگلہ دیش کے کسی بھی شہر میں موجودنہیں ہےاور نہ ہی بنگلہ دیش کے کسی بھی میڈیا  کا کوئی نمائندہ دہلی اور کلکتہ میں موجود ہے اس لئے جو خبریں آرہی ہیں وہ کسی ایجنسی کے ذریعہ یا پھر وائرل ویڈیوکی بنیاد پر بنائی جارہی ہے ۔بھارتی میڈیا میں ہندوؤں پر حملے کی کئی ایسی ویڈیوز دیکھائی گئیں جو بعد میں غلط ثابت ہوئیں ۔حال ہی میں کلکتہ کے دو صحافیوں مونو دیپا بنرجی (سابق سینئر صحافی این ڈی ٹی وی)  اور آزد صحافی سنگھنندو بھٹا چاریہ (بنگال میں آر ایس ایس اور ہندتو تنظیموں کے عروج پپر کتاب کے مصنف )نے بنگلہ دیش میں اقلیتوں پر حملے سے متعلق اہم اسٹوری لکھی ہے۔ان دونو ں نے بنگلہ دیش میں مابعد انقلاب دورہ بھی کیا ہے اور چوں کہ ان دونوں کی زبان بنگلہ ہے اس لئے انہوں نے گہرائی کے ساتھ صحیح صورت حال پیش کیا ہے۔ان دونوں صحافیو ں کی اسٹوریاں کافی اہم اورچشم کشا ہے۔

    ان دونوں سینئر صحافی کی رپورٹ پڑھنے کے بعد معلوم ہوتا ہے کہ دونوں طرف غلط فہمی اور عدم اعتماد ہے اور عمل و رد عمل کا کھیل جاری ہے۔ دونوں طرف شدت پسندقوتیں ان حالات کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہیں جب کہ شدت پسند جماعتوں کے رویے سے بھارت اور بنگلہ دیش دونوں کو اقتصادی نقصانات کا سامنا ہے۔دونوں ملکوں کے درمیا ن 4لاکھ بلین ڈالر کی سالانہ تجارت ہوتی ہے۔بنگلہ دیش کے مقابلے بھارت کے لیے  بنگلہ دیش بڑی مارکیٹ ہے۔کلکتہ ، بنگلوراور اگرتلہ کے بڑے بڑے اسپتال اس وقت بحرانی دور سے گزررہے ہیں کیوں کہ بنگلہ دیش سے ہیلتھ ٹورازم کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔بیرون ممالک سے آنے والے ہیلتھ ٹورازم میں سے 50سے 60فیصد بنگلہ دیشی ہوتے ہیں ۔کلکتہ شہر کے اسپتالوں میں 30سے 40فیصد مریض بنگلہ دیشی ہوتے ہیں ۔تاہم جولائی کے بعد سے ہی مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔اس کی وجہ سے نہ صرف اسپتال متاثر ہوئے ہیں بلکہ ہوٹل ، ریسٹورنٹ مقامی دوکاندار متاثر ہیں۔چوں کہ ہرایک سوال کو نیشنل ازم سے جوڑ دیا جاتاہے۔ اس لئے بھارت بالخصوص کلکتہ اور تری پوری میں کئی ہندو تنظیمیں تحریک چلارہے ہیں کہ ڈاکٹرس اور اسپتال علاج کرنے سے منع کریں ۔کچھ ڈاکٹرس اور اسپتال اور ہوٹل انتظامیہ نے دباؤ میں آکر اعلان بھی کیا ہے کہ وہ بنگلہ دیشیوں کا علاج نہیں کریں گے۔ ہوٹلوں نے بھی اس طرح کا اعلان کیا ۔تاہم بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا یہ میڈیکل اخلاقیات ہے۔ڈاکٹروں کو پہلا سبق پڑھایا جاتا ہے کہ وہ بغیرکسی تفریق کے علاج کریں گے ۔مگر بنگلہ دیش کی اندرو نی سیاست کی بنیاد پرکسی بھی ضرورت مند کا علاج کرنے سے انکار انسانیت کو شرمندہ کردینے والی بات ہے۔

    کلکتہ میں مقیم آزاد صحافی سنگھنندو بھٹاچاریہ نے انگریزی میں مختلف عناوین سے دو مضامین لکھے ہیں مگر دونوں مضامین کا بنیادی مقصد بنگلہ دیش میں ہندتو تنظیموں کی سرگرمیوں کا جائزہ لینا ہے۔بھٹاچاریہ کے مضمون کی اہمیت اس لئے بھی ہے کہ انہوں نے بہت ہی قریب سے بنگال اور شمال مشرقی ریاستوں میں ہندتو کے علمبرداروں کا تجزیہ کیا ہے اور اس موضوع پر کام بھی کیا ہے۔۔ان کی مشہور کتاب Mission Bengal A saffron Experimentاس موضوع پر کافی اہم ہے۔  سنگھنندو بھٹاچاریہ نے حسینہ کے زوال کے بعد بنگلہ دیش کا دورہ کرنے کے بعد ہندوؤں  پر حملے کی خبر اور اس کی وجوہات کا جائزہ لیا ہے۔ شروع میں جو دو بنیادی سوال اٹھائے  گئے ہیں کہ آخر حسینہ کے زوا ل کے بعد جب لاقانونیت کا ماحول تھا اور کوئی بھی حکومت نہیں تھی اس وقت منظم انداز میں ہندو تنظیمیں اچانک متحدہوکر ’’شاہ باغ میں کیوں جمع ہوئی ، یہی وہ سوال ہے جس نے بنگلہ دیش میں اس شک و شبہ کو مضبوط کردیا کہ حسینہ ان کی آڑ میں سیاست کررہی ہے اور چوں کہ حسینہ کو بھارت نے پناہ دی ہے وہ ان تنظیموں کی سرپرستی کررہی ہے۔

    بھٹاچاریہ لکھتے ہیں کہ ’’بنگلہ دیش کی روایتی اقلیتی حقوق کی تنظیموں جیسے بنگلہ دیش ہندو بدھسٹ کرسچن یونٹی کونسل اور بنگلہ دیش پوجا اُدجاپن پریشد کےاپیلوں پر ہزاروں لوگ سڑکوں پر جمع ہوئے۔مظاہرین حقوق اور انصاف کا مطالبہ کرنے کے ساتھ ساتھ ’’جے شری رام ‘‘ کے نعرے بھی لگارہے تھے۔جے شری رام کا نعرہ بھارت کی ہندو قوم پرست قوتوں سے وابستہ ایک متنازع نعرہ ہے۔بھٹاچاریہ اپنے دوسرے مضمون میں لکھا ہے کہ اسکان  تنظیم دنیا بھر میں کھانے کی تقسیم کے لیے  جانی جاتی ہے ،مگر بنگلہ دیش میں اس کی شناخت کچھ اور ہے۔حالیہ برسوں میں اسکان نے بنگلہ دیش میں اپنے دائرے کو تیزی سے وسیع کیا ہے اور مندروں کو بڑی تعداد میں اپنے زیر انتظام کیا ہے۔دوسرے یہ کہ اس سے وابستہ افراد پوری دنیا میں ہرے کرشنا اور ہرے رام کے نعرے لگاتے ہیں مگر بنگلہ دیش میں یہی لوگ ’’جے شری رام ‘‘ کے نعرے لگاتےہیں۔جس سے خفیہ پیغام جاتا ہے کہ وہ بھارت کے متنازع اور سیاسی نعرہ جے شری رام کے نعرے کے ذریعہ بھارت کی ہندو دائیں بازو کی جماعتوں کے نظریات کو آگے بڑھا رہی ہیں۔اس صورت حال نے بنگلہ دیش کے مسلمانوں میں رد عمل پیدا کیا ہے۔

    ’’ہندو ثقافتی قوم پرستی‘‘ ایک سیاسی نظریہ ہے ۔اس نظریہ کے پرچارک آر ایس ایس کی سوچ کا محور ’’اکھنڈ بھارت ‘ کا قیام ہے۔ غیر منقسم ہندوستان کی بحالی جو افغانستان سے بنگلہ دیش اور میانمار تک، نیپال اور تبت سے سری لنکا تک پھیلا ہوا ہے۔بنگلہ دیش میں ہندوؤں  کے حقوق کے لیے  کام کرنے والی تنظیموں پر الزامات لگتے رہے ہیں کہ وہ بھارت کے آر ایس ایس کے اشارے پر کام کررہی ہیں ۔اس طرح کی سوچ کوئی نئی نہیں ہے۔سوال یہ ہے کہ یہ پروپیگنڈہے یا پھر اس کے پیچھے کچھ حقیقت بھی ہے۔ بی جے ایچ ایم (بنگلہ دیش ہندو چھاترا مہاجوٹ یاہندو جوبو مہاجوٹ  )ایک ہندو حقوق کی تنظیم ہے جس کی بنیاد ڈھاکہ میں 2006 میں رکھی گئی تھی۔ اسی تنظیم کی وجہ سے بنگلہ دیش میں بہت سے لوگ بنگلہ دیش میں ہندوتوا کی جڑیں تلاش کرتے ہیں۔ان تنظیموں پر الزام ہے کہ ان کے تعلقات آر ایس ایس اور بی جے پی کے لیڈران ہیں ۔بی جے ایچ ایم کے رہنما اس سے قبل اکھنڈ بھارت تجویز کی وجہ سے متنازع بن چکے ہیں ۔اس کے رہنماؤں کے بھارت دورے اور اس دوران ان کے بیانات نے بنگلہ دیش میں کافی تنازع کھڑا کیا ہے۔

    نہار ہلدار اور اسکان  کے سابق پنڈت چن موئے داس جو اس وقت جیل میں ہیں،اس پورے تنازع کا اہم کردار ہیں ۔نہار ہلدار ستمبر کے وسط میں بھارت کے دورے پر آئے۔ انہوں نے اپنے ایک فیس بک اکاؤنٹ سے تریپورہ اور مغربی بنگال میں بی جے پی رہنماؤں کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کی تصاویر شیئر کیں، جو بعد میں انہوں نے ڈیلیٹ کردی ۔تصاویر میں ہلدار 21 ستمبر کو بی جے پی تریپورہ کی رکن پارلیمنٹ پرتیما بھومک کے ساتھ، 27 ستمبر کو کلکتہ میں تریپورہ اور میگھالیہ کے سابق گورنر تتھاگتا رائے، یکم اکتوبر کو بنگال بی جے پی کے کلچرل سیل کے کنوینر رودرنیل گھوش، بنگال بی جے پی کے ممبر اسمبلی اسیم سرکار کلکتہ کے بی جے پی پارٹی دفتر میں ملاقات کی۔ 28 اکتوبرکو انہوں نے بی جے پی بنگال یونٹ کے سابق صدر دلیپ گھوش سے ملاقات کی۔نہار ہلدار نے بنگلہ دیش پہنچنے سے پہلے 9 نومبر کو بھومک کے ساتھ دوبارہ ملاقات کی۔چوں کہ نہار ہلدار بنگلہ یش میں ہندوؤں  پر حملے کے خلاف احتجاج کرنے والوں کے قائدین میں شامل تھے ۔ہلدار کے بھارت دورے اور بی جے پی لیڈروں سے ملاقات و متنازع بیان نے اس شبہ کو مزید تقویت پہنچایا چناں چہ بی ایچ جے ایم نے یکم اکتوبر کو ایک بیان جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ ہلدار کو ملک واپس آنے تک تمام ذمہ داریوں سے فارغ کر دیا گیا ہے اور تنظیم نےان کے بیرون ملک قیام کے دوران کیے گئے تبصروں سے بھی خود کو الگ کرلیا۔مگر ہلدار نے جلد ہی ایک اور تنظیم بنگلہ دیش سناتن جاگرن منچ (BSJM)  بنالی اور ہلدار اس جے کوآرڈینیٹر اور چنموئے داس  کوترجمان بنانے کا اعلان کیا گیا۔اکتوبر میں بی ایچ جے ایم اور بی ایس جے ایم دونوں نے ہندوؤں  کے حقوق کو لے کر احتجاج کیا ۔نومبر کے دوسرے ہفتے میں ہلدار بنگلہ دیش واپس آئے اور چنموئے داس کے ساتھ سرگرم عمل ہوگئے۔نومبر میں ہی تمام ہندو تنظیموں نے مشترکہ پلیٹ فارم کی تشکیل کی۔اس کا نام بنگلہ دیش سمیلیٹو سناتنی جاگرن جوٹے رکھا گیا اور چنموئے کرشنا داس اس کے ترجمان بن کر سامنے آئے۔ان تنظیموں کے احتجاج کے دوران حقوق کے مطالبات کے ساتھ ’’جے شری رام کے نعرے کی بھی گونج دور تک سنی جانے لگی۔سوال یہ ہے کہ چنموئے کرشنا داس جس کی گرفتاری کو لے کر خوب واویلا مچایا جارہا ہے وہ ایک متنازع کردار ہے۔اس پر بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزامات ماضی میں لگ چکے ہیں اور خود اسکان  نے بھی اس سے دوری قائم کرلی تھی۔نہار ہلدار بھی ایک سیاسی کردار ہے۔

    نہار ہلدار اور چنوموئے کرشنا داس جیسے متنازع کردار کی قیادت ، جے شری رام کے نعروں کی گونج اور بھارت میں میڈیائی پروپیگنڈے نے بھی رد عمل پیدا کیا۔اس لئے بنگلہ دیش میں حسینہ کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ کی قیادت نے بھی جئے شری رام کا نعرہ بلند کرنے والے مظاہرین پر اعتراض کرنا شروع کر دیا تھا۔طلبہ  قیادت کا دعویٰ تھا کہ بھارت میں مسلم مخالف حملوں کو بھڑکانے میں اس نعرے کا اہم کردار رہا ہے۔بنگلہ دیش میں بھی وہی حالات پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔چنموئے کرشنا داس نے گرفتاری سے قبل  اس پر صفائی پیش کی کہ اگر دہشت گرد گروپوں کے ذریعہ نعرہ لگانے کے باوجود اللہ ہو اکبر دہشت گردی کا نعرہ نہیں ہے تو جے شری رام کا نعرہ بی جے پی اور آر ایس ایس کا نعرہ کیسے ہوسکتا ہے۔سنگھنندو بھٹاچاریہ نے لکھا ہے کہ سیاسی تجزیہ نگار بنگلہ دیش میں ہندتو تحریکوں کے آغاز کو 2006سے جوڑتے ہیں۔ جب ہندو مہاجوٹ کا قیام عمل میں آیاتھا۔اسی دور میں رام نومی کے جلوس کے انعقاد اور اس میں ہتھیاروں کی نمائش کی شروعات ہوئی ۔ہندو مہاجوٹ نے بیرون ملک شاخیں کھولیں اور آر ایس ایس کی ایک ذیلی تنظیم وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) کے ساتھ تنظیمی روابط برقرار رکھے۔اس تنظیم نے اس دوران شیخ حسینہ کے ساتھ اپنی سیاسی وابستگی باقی رکھی ہے اور حسینہ کی ہر ایک پالیسی کی حمایت کرتی رہی ۔تاہم 2021میں یہ تنظیم اختلافات کی شکار ہوگئی ۔ہندو مہاجوٹ کے سیکریٹری جنرل گوبندا پرمانک نے عوامی لیگ کی حمایت کی شدید مخالف کی اور وہ بنگلہ دیش کی دیگر سیاسی طاقتوں سے تعلقات استوار کیا ہے۔ بھٹاچاریہ نےبی جے ایچ ایم کے ایک رکن جنہوں نے نام ظاہر نہیں کرنے کی شرط رکھی ہے کے حوالے سے لکھا ہے کہ بنگلہ دیش کی موجودہ صورت حال کی وجہ بھارت کی ہندتوا علامتوں کا استعمال جیسے نعرہ جئے شری رام، ہنومان کی تصویر، رام نومی کے موقع پر ہتھیاروں کی نمائش اور حسینہ کے ساتھ غیر مشروط حمایت اس کے علاوہ بنگلہ دیش میں بھی مسلمانوں پر لو جہاد کے الزامات لگاکر مہم چلانا بھی شامل تھا۔بھٹا چاریہ نے تصویر کا دوسرا رخ بھی دیکھا نے کی کوشش کی ہےجس میں انہوں نے کئی ہندتو تنظیموں کے لیڈروں کے حوالے سے لکھا ہے کہ حسینہ کے دوراقتدار کے آخری برسوں میں ہندوؤں  پر حملے کے واقعات نے ہندوؤں  کومزید شدت پسند بنادیا ہے۔ان کی مایوسی نے انہیں بھارتی سیاست دانوں سے مدد لینے پر مجبور کردیا ۔اس لئے ان سالوں میں ہندوؤں  کی کئی ایسی تنظیموں کا قیام میں آیا جو بھارت کے ہندو تنظیموں کے نام سے مماثل ہے۔جیسے بنگلہ دیش ہندو جاگرن منچ جو بھارت میں ہندو جاگرن منچ کے مماثل ہے۔رونی راجبونگشی نے 2023 میں مہاکال سویم سیوک فاؤنڈیشن (MSF) کی بنیاد رکھی۔ سویم سیوک  آر ایس ایس سے وابستہ اصطلاح ہے۔ آر ایس ایس اپنے اراکین کو ’’سویم سیوک‘‘کہتا ہے، جو رضاکار کے لیے سنسکرت کا لفظ ہے۔ صرف آر ایس ایس سے وابستہ افراد  بھارت میں خود کے لیے  اس اصطلاح کا استعمال کرتے ہیں۔ بنگلہ دیش میں، MSF بھی اپنے رضاکاروں کو سویم سیوک کہتی ہے۔گرچہ اس تنظیم کا دعویٰ ہے کہ ان کا تعلق آر ایس ایس اور ہندو تنظیموں سے نہیں ہے۔تاہم مماثلت شکوک و شبہات کو جنم دیتے ہیں۔

    بنگلہ دیش میں یہ بات خوش آئند ہے کہ پی این بی اور جماعت اسلامی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے لیڈران میں اقلیتوں کے خلاف اس قدر زہر افشانی نہیں ہے جو یہاں بی جے پی کے سینئر لیڈروں کے زبان میں سننے میں آتی ہے۔یونس سے لے کر پی این بی اور جماعت اسلامی تک ہرایک اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور سیکورٹی کو یقینی بنانے کی بات کرتے ہیں ۔میڈیا میں بھی وہ نفرت نہیں پائی جاتی ہے۔تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ بنگلہ دیش کے دیہی علاقوں میں کئی مذہبی رہنماؤں کی تقریر وںمیں ہندوؤں  کے خلاف نفرت انگیز بیانات میں اضافہ ہوا ہے۔ان مذہبی رہنماؤں  کی تقریر میں بھارت میں اقلیتوں کے حالات کے حوالے ہوتے ہیں اور بنگلہ دیش میں ہندوجماعتوں کے آر ایس ایس کے تعلقات پر بھی اعتراض ہوتا ہے۔حسینہ کے زوال کے بعد بنگلہ دیش میں ہندو جماعتوں کی سرگرمیوں میں اضافہ نے غلط فہمی کو مزید بڑھادیا ۔بھارتی میڈیا کی لگاتار نفرت انگیز مہم نے بنگلہ دیش میں مقیم ہندوؤں  کے جان کی حفاظت کرنے کے بجائے مزید خطرے میں ڈال دیا ہے۔

    بھارت اور بنگلہ دیش دنوں آزادملک ہیں۔ دونوں کو ایک دوسرے کی آزادی ، خودمختاری کو قبول کرنے کے ساتھ بہترین پڑوسی بھیر ہےہیں۔دونوں کو ایک دوسرے کی ضرورت محض ایک پڑوسی کی بنیادی پر نہیں بلکہ تزیویراتی اعتبار سے بھی  ہے۔ایک طرف جہاں بنگلہ دیش کو کپاس ، الیکٹرانک سازو سامان ، کھانے پینے کی اشیا ،ادویات ، میڈیکل سازو سامان اور دیگراشیاکے لیے  بھارت سے برآمدات کی ضرورت ہے۔دوسری طرف بھارت کے لیے  بنگلہ دیش کوئی غیرا ہم نہیں ہے۔4ہزار طویل کلو میٹر سرحد بھارت سے جڑتی ہے۔شمال مشرقی ریاستوں تک جلد سے جلد پہنچنے کے لیے   بنگلہ دیش کی سرزمین کا استعمال ضروری ہے وہیں مشرقی ممالک تک پہنچنے کے لیے  بنگلہ دیش کافی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ایسے میں سوا ل یہ ہے کہ کیا دونوں ممالک اپنے ایسے پڑوسی سے دور رہ کر ترقی کے منازل طے کرسکتے ہیں۔ایک اہم سوال یہ بھی ہے کہ نئے معاہدہ کے باوجود ہندوستان کی چین سے قربت نہیں ہوسکی ہے۔ پاکستان سے تعلقات کشیدہ کئی دہائیوں سے ہے، نیپال اور سری لنکا بھی بھارت سے دور ہوتے جارہے ہیں۔میانمار میں غیر یقینی صورت حال ہے۔فوجی جنتا اور باغیوں کے درمیان مقابلہ آرائی جاری ہے۔منی پور میں حالات کشیدہ ہونے کی وجہ سے میزو اور کوکی قبائل میں ناراضگی ہے ۔ایسے میں کیا بھارت محض نظریاتی برتری اور بنگلہ دیش اپنی چند بڑبولی اور تنگ نظر جماعتوں کی وجہ سے ایک بہترین اور پرامن پڑوسی سے دور رہ سکتا ہے اور یہ کیا دونوں ملکوں کے مفادمیں ہے۔اس لئے ضرورت ہے کہ دونوں ممالک میڈیا  کےپروپیگنڈے اور نظریاتی برتری جیسی سوچ سے اوپر اٹھ کر اپنے ملک اور اپنی عوام کے مفادات میں کام کریں اور اسی سے دونوں ممالک میں امن و امان رہے گا۔

  • ‘مستقبل کا سربراہی اجلاس’

    ‘مستقبل کا سربراہی اجلاس’

    نیویارک میں واقع بین الاقوامی تنظیم اقوام متحدہ نے گزشتہ ستمبر میں ہوئے اپنے دو روزہ Summit of the Future (مستقبل کا سربراہی اجلاس) کے دوران حال اور مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ایک Pact of the Future (مستقبل کے لیے معاہدہ) کو منظوری دی۔ اس تاریخی دستاویز کا مقصد اقوام عالم کو بڑھتے ہوئے تنازعات، عدم مساوات اور غربت جیسے چیلنجوں سے لے کر موسمیاتی تبدیلی اور مصنوعی ذہانت تک کے معاملات سے نمٹنے کے لیے جوڑنا ہے اور دنیا کے آٹھ ارب سے زیادہ لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانا ہے۔ 22-23 ستمبر کو ہونے والے اجلاس میں اس 193 رکنی عالمی ادارے نے مستقبل کے لیے معاہدے کے ساتھ ساتھ ایک Global Digital Compact (عالمی ڈیجیٹل قرار نامہ) اور Declaration on Future Generations (مستقبل کی نسلوں پر اعلامیہ) کو بھی اپنایا۔

    طویل عرصے سے متوقع اس اجلاس کو "کثیرالجہتی نظام (multilateralism) کے تصور کو دوبارہ پیش کرنے والا کئی نسلوں میں ایک بار ہونے والے موقع” کے طور پر فروغ دیا جا رہا تھا- یہ خصوصی اجلاس، جو جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے ساتھ ساتھ منعقد ہوا، میں سربراہان مملکت، بین الحکومتی تنظیموں، سول سوسائٹی اور این۔جی۔اوز۔ سمیت 4,000 سے زائد شرکاء نے شرکت کی۔ اس اجلاس سے قبل 20-21 ستمبر کو Action Days  کے نام سے بھی ایک اجلاس منعقد ہوا جس نے 7,000 سے زیادہ افراد کو اپنی طرف متوجہ کیا اور جس میں ڈیجیٹل شمولیت کو آگے بڑھانے کے لیے ایک ارب ڈالر سے زیادہ کے وعدے کیے گئے۔ مستقل کے لئے معاہدے کو اپنانے سے پہلے دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کی گزارشات اور ہزاروں شراکت داروں پر مشتمل وسیع مشاورت کی گئی تھی۔

    ارادے اور اہداف

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے کہا کہ اس میں ہونے والا مستقل کے لئے معاہدہ کئی دہائیوں میں ہونے والا سب سے زیادہ جامع بین الاقوامی معاہدہ ہے، جس میں مکمل طور پر نئے شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے اور ان مسائل پر بھی توجہ دی گئی ہے جو طویل عرصے سے تعطل کا شکار تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کا بنیادی مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ بین الاقوامی ادارے ایک ایسی دنیا کو آگے بڑھانے کے لیے لیس ہوں جس میں وہ تخلیق کیے گئے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیسا کہ ہمارے مشاہدے میں آیا ہے، "ہم اپنے پوتے پوتیوں کے لیے موزوں مستقبل اپنے دادا دادی کے بنائے ہوئے نظام سے نہیں بنا سکتے۔”

    گوٹیرس نے کہا کہ مستقبل کے لیے معاہدہ عالمی تعاون کے لیے ایک وژن ہے جو اقوام متحدہ اور بین الاقوامی نظام اور قانون کے اصولوں کے لیے عالمی وابستگی کا اعادہ کرتا ہے۔ یہ ایک ایسی دنیا کا تصور پیش کرتا ہے جہاں بین الاقوامی نظام اپنے وعدوں کو پورا کرتا ہے، آج کے عالمی تصویر کے تنوع کی عکاسی کرتا ہے اور حکومتوں، سول سوسائٹی اور دیگر اہم شراکت داروں کی اجتماعی طاقت سے مستفید ہوتا ہے۔

     

    انہوں نے کہا کہ”عالمی ڈیجیٹل قرار نامے اور مستقبل کی نسلوں پر اعلامیہ کے ساتھ ساتھ یہ معاہدہ نئے مواقع اور غیر استعمال شدہ صلاحیتوں کی پرتوں کو کھولتا ہے”۔ انہوں نے اس معاہدے کو "تمام لوگوں اور اقوام کے لیے ایک پائیدار، منصفانہ اور پر امن عالمی نظم” کی بنیاد قرار دیا۔

    یہ معاہدہ امن و سلامتی، پائیدار ترقی اور موسمیاتی کارروائی، ڈیجیٹل تعاون، نوجوان اور مستقبل کی نسلوں، اور انسانی حقوق اور صنفی مساوات کے وعدوں کے ساتھ اہم عالمی مسائل کی ایک طویل فہرست کا احاطہ کرتا ہے۔

    امن اور سلامتی سے متعلق یہ معاہدہ سلامتی کونسل کی اصلاحات، جوہری ہتھیاروں کا خاتمہ، بیرونی خلا کی گورننس اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو ریگولیٹ کرنے کا بھی عہد کرتا ہے۔ پائیدار ترقی اور موسمیاتی کارروائی کرنے کے لئے یہ معاہدہ اقوام متحدہ کے Sustainable Development Goals (SGDs) (یعنی پائیدار ترقیاتی اہداف) کو حاصل کرنے، ترقی پذیر ممالک کی بہتر خدمت کے لیے مالیاتی اصلاحات کرنے، موسمیاتی موافقت پیدا کرنے، قابل تجدید توانائی کی منتقلی کے لیے معاونت کو تیز کرنے، عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو 1.5 ڈگری سیلسیس تک محدود کرنے، ڈیجیٹل تعاون اور Artificial Intelligence (مصنوعی ذہانت) کے نظام کو چلانے کے لیے ایک اہم عالمی فریم ورک پر توجہ مرکوز کرنے اور فیصلہ سازی میں مستقبل کی نسلوں کا احتساب کرنے کے طریقہ کار کو متعارف کرنے کا عزم کرتا ہے۔

    اتفاق رائے کا فقدان

    کچھ مبصرین اس معاہدے کو ایک "ایسے سنگ میل جو تبدیلی کے لیے راستہ متعین کر سکتا ہے” کے طور پر دیکھتے ہیں، لیکن اس دستاویز کی مطابقت اور اس میں سے ہر ایک کارروائی کا انحصار اس معاملے پر ہوتا ہے جس کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ معاہدے کے پہلے پیراگراف میں کہا گیا ہے: "اگر ہم راستہ نہیں بدلتے ہیں تو ہمیں مستقل میں بحران اور خرابی کا خطرہ ہے۔ کثیرالجہتی نظام جس کا مرکز اقوام متحدہ ہے موجودہ اور مستقبل کے لیے موزوں ہونا چاہیے، یعنی یہ موثر، منصفانہ، جمہوری اور آج کی دنیا کا نمائندہ، جامع، باہم مربوط اور مالی طور پر مستحکم ہونا چاہیے۔”

    اگرچہ اصولی طور پر یہ تسلیم کیا جا رہا ہے کہ اقوام متحدہ کے پورے چارٹر کا جائزہ لینا بھی ضروری ہوگا، جیسا کہ سربراہی اجلاس کے موقع پر زور دیا گیا، بنیادی معاملات پر بھی اقوام متحدہ کے رکن ممالک کے درمیان کوئی اتفاق رائے نہیں ہے۔ ان حالات میں ایک حقیقی "عالمی طرز حکمرانی کی تبدیلی” اتفاق رائے سے حاصل نہیں کی جا سکتی، لیکن پھر بھی یہ مستقبل کے معاہدے پر مذاکرات کے لیے جنرل اسمبلی کے ذریعے منظور کیے گئے طریقہ کار میں شامل تھا۔

    اجماع کا مسئلہ:

    یہ مکمل طور پر واضح نہیں ہے کہ یہ فیصلہ کیوں کیا گیا کہ معاہدے کو اتفاق رائے سے طے کرنا تھا۔ آخر کار جنرل اسمبلی روزانہ کی بنیاد پر ٹھوس قراردادوں پر ووٹ لیتی ہے۔ آخر میں اتفاق رائے کی ضرورت ترقی پسند ریاستوں کو کارروائی سے بچنے کا ایک آسان طریقہ بھی فراہم کرتی ہے کیونکہ اگر وہ چاہیں تو دعویٰ کر سکتے ہیں کہ کچھ تجاویز بہرحال رد کر دی جائیں گی اس لیے ان کا تعارف شروع کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔

    اگست 2022 میں گوٹیرس نے مستقبل کے سربراہی اجلاس کو "عالمی عمل کو دوبارہ زندہ کرنے اور بنیادی اصولوں پر دوبارہ عزم کرنے کا ایک نادر موقع” قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ کثیرالجہتی کے فریم ورک کو مزید تیار کریں تاکہ وہ مستقبل کے لیے موزوں ہوں۔ لیکن حیرانی کی بات ہے کہ دو سال بعد منعقد ہونے والے سربراہی اجلاس نے کثیرالجہتی کو دوبارہ زندہ نہیں کیا۔ کثیرالجہتی یقیناً زندہ رہی لیکن اس میں نئی روح نہیں پھونکی گئی۔ یہ سچ ہے کہ جب گٹیرس نے ستمبر 2021 میں اپنی ” ہمارا مشترکہ ایجنڈا ” رپورٹ میں سربراہی اجلاس کی میزبانی کے ارادوں کا اعلان کیا تھا تو دنیا بالکل مختلف تھی۔ اس کے بعد سے، یورپ، افریقہ اور مشرق وسطیٰ میں بڑے تنازعات بڑھ چکے ہیں اور موسمیاتی ایمرجنسی مزید خراب ہو گئی ہے۔

    عالمی رہنماؤں کو چیلنج

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گوٹیرس نے عالمی رہنماؤں کو چیلنج دیا کہ وہ معاہدے کو نافذ کریں، بات چیت اور مذاکرات کو ترجیح دیں، مشرق وسطیٰ، یوکرین اور سوڈان میں "ہماری دنیا کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے والی جنگیں” ختم کریں، طاقتور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات کریں، بین الاقوامی مالیاتی نظام میں اصلاحات کو تیز کریں، جیواشم ایندھن سے منتقلی کو تیز کریں اور نوجوانوں کی بات سنیں اور انہیں فیصلہ سازی میں شامل کریں۔ لیکن بیالیس صفحات پر مشتمل اس معاہدے کے 56 اقدامات پر عمل درآمد کے لیے دنیا کی منقسم قوموں کو تیزی سے آگے بڑھنے کے لیے متحد کرنا ہے ایک انتہائی مشکل کام ہے۔

    مستقبل کا سربراہی اجلاس تاریخ میں ایک تبدیلی کے واقعے کے طور پر نہیں جانا جائے گا کیونکہ اس نے  روس اور مغرب کے درمیان تعلقات کو استوار کرنے میں مدد کے لیے کوئی نیا ادارہ نہیں بنایا، نہ ہی اس نے  اقوام متحدہ کے وسیع تر امن کے ایجنڈے کے لیے نئے اصول مرتب کئے، اور نہ ہی اس نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ایجنڈے میں جان پھونکی۔ یہ وہ اہم مسائل ہیں جن پر کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ کے کئی رکن ممالک زور دے رہے ہیں۔ مستقبل کا سربراہی اجلاس بالآخر کسی بھی اہم طریقے سے امن اور سلامتی کی سوئی کو حرکت دینے میں ناکام رہا۔ البتہ مستقبل کے لیے معاہدے پر مذاکرات کے تحت بالآخر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات پر پیش رفت ہوئی، لیکن یقینا یہ صرف مستقبل کے سربراہی اجلاس تک محدود نہیں ہے- امریکی صدر جو بائیڈن نے اسے  اپنے 2022 کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خطاب کا کلیدی حصہ بنایا تھا۔

    افادیت پر غور

    اقوام متحدہ کے اگلے سکریٹری جنرل جنوری 2027 میں اپنا عہدہ  سنبھالیں گے اور بلاشبہ سبق کے لیے موجودہ رہنما کے دورِ اقتدار پر نظر ڈالیں گے۔ انہیں واضح طور پر اندازہ لگانا چاہیے کہ گزشتہ چند سالوں میں ہونے والے سربراہی اجلاسوں سے کیا حاصل ہوا ہے اور محتاط رہنا چاہیے کہ اس طرح کے اجتماعات سے حاصل ہونے والے احساسات پر توجہ مرکوز نہ کریں۔ ستمبر 2023 میں Climate Ambition Summit نے مطلوبہ وعدوں کو پورا نہیں کیا۔ ستمبر 2023 میں SDGs سربراہی اجلاس کے باوجود SDGs کو لاگو کرنے میں سرمایہ کاری کے میدان میں کسی تبدیلی کا کوئی ثبوت نہیں ہے اور حالیہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ SDGs کے 48 فیصد اہداف اپنی مطلوبہ رفتار سے اعتدال سے شدید انحراف کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

    مستقبل میں سربراہی اجلاسوں کا ایک کردار ہو سکتا ہے۔ یقیناً یہ عالمی رہنماؤں کی سیاسی توجہ اور توانائی کو مرکوز کرنے کا ایک طریقہ اور کچھ وعدوں کو مضبوط کرنے کی کوشش کرنے کا ایک طریقہ ہے۔ لیکن یہ بات قابل غور ہے کہ کیا summitry (سربراہی اجلاس بلانے کا عمل) ایک ایسا آلہ ہے جو تیزی سے غیر موثر ہوتا جا رہا ہے۔

    اگلے سکریٹری جنرل کے لئے یہ دانشمندی کی بات ہوگی کہ وہ مستقبل میں اقوام متحدہ کی دنیا کو ہمہ گیر سربراہی اجلاسوں میں گھسیٹنے سے گریز کریں اور اقوام متحدہ کے کام اور کثیرالجہتی کے عمل کو جاری رکھیں۔ اعلیٰ سطحی سربراہی اجلاسوں کا تصور ہمیشہ موجود رہے گا اور اگر جغرافیائی سیاسی تناؤ اجازت دیں تو نتیجہ خیز نتائج کی امید میں منصوبہ بندی کے لیے تیار رہے گا۔

  • ریختہ: اردو کی وراثت یا کارپوریٹ مشینری؟

    ریختہ: اردو کی وراثت یا کارپوریٹ مشینری؟

    ریختہ ایک ایسا نام ہے جس نے پچھلی دہائی میں اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے عالمی سطح پر شہرت حاصل کی۔ ایک آن لائن پلیٹ فارم کے طور پر ریختہ نے اردو زبان، شاعری، ادب اور خطاطی کو ایک نئے انداز سے پیش کیا۔ خاص طور پر نوجوان نسل میں اردو کے لیے دلچسپی پیدا کرنے میں اس کا کردار اہم ہے۔ جشنِ ریختہ بھی اسی سلسلے کی ایک کامیاب کوشش ہے، جس میں اردو کے چاہنے والے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے جُڑ کر اس زبان کی خوبصورتی اور گہرائی کا  سالانہ جشن مناتے ہیں۔ لیکن جشنِ ریختہ 2024 اور اس کے اردگرد کے حالات پر نظر ڈالیں تو کئی ایسے پہلو سامنے آتے ہیں جو اردو کے اصل وارثوں اور شائقین کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔ ان مسائل میں اردو دانشوروں کی کم نمائندگی، اردو کو دیوناگری رسم الخط میں پیش کرنے کا رجحان، نجی اردو ناشرین کے اسٹالوں کی غیر موجودگی، اور ریختہ کا کارپوریٹ مزاج شامل ہیں۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا ریختہ اب بھی خالص اردو کا ادارہ ہے، یا یہ ایک ایسا منافع بخش کاروبار بن چکا ہے جو اردو کے جذبے کومحض تجارتی رنگ میں ڈھال رہا ہے؟

    جشنِ ریختہ میں اردو کے معروف ادیبوں، شاعروں، اور دانشوروں کی موجودگی کبھی اس کا مرکز ہوا کرتی تھی، لیکن حالیہ برسوں میں یہ رجحان کم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ اردو زبان کے اصل ماہرین، جو برسوں سے اس زبان کی ترویج میں مصروف ہیں، اب یا تو پس منظر میں چلے گئے ہیں یا ان کی جگہ ایسے فنکاروں نے لے لی ہے جن کی شہرت کارپوریٹ مارکیٹنگ کے ذریعے بڑھائی گئی ہے۔ یہ ایک تشویشناک امر ہے کیوں کہ  اردو کی ترقی اور فروغ صرف اُس وقت ممکن ہے جب اس کے اصل معماروں کو وہ مقام دیا جائے جس کے وہ حقدار ہیں۔ جشنِ ریختہ جیسے پلیٹ فارم پر اردو کے محققین، اساتذہ، اور ان لوگوں کو نظرانداز کرنا جو زمینی سطح پر کام کر رہے ہیں، اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ اب اس تقریب کا مقصد اردو زبان کا فروغ کم اور ایونٹ کا گلیمرائزیشن زیادہ ہو گیا ہے۔

    ریختہ کے پلیٹ فارم پر ایک اور تشویش ناک رجحان اردو ادب کو دیوناگری رسم الخط میں پیش کرنے کا ہے۔ اگرچہ یہ دلیل دی جاتی ہے کہ دیوناگری میں اردو کو شامل کرنے سے غیر اردو داں افراد بھی اردو ادب سے مستفید ہو سکتے ہیں، لیکن اس کے نتائج اردو کی اپنی شناخت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ اردو کی اصل پہچان اس کا رسم الخط ہے، اور اس کی جگہ کسی دوسرے رسم الخط کو دینا نہ صرف اردو کی تہذیبی جڑوں کو کمزور کرتا ہے بلکہ اس زبان کی ثقافتی وراثت کو بھی خطرے میں ڈال دیتا ہے۔ ریختہ کا یہ عمل درحقیقت اردو کی اصل روح کو دیوناگری کی گرفت میں ڈال رہا ہے، جو اردو کی موجودہ حالت کو مزید مشکل بنا سکتا ہے۔ اردو کو سمجھنے اور اس سے محبت کرنے کے لیے اس کے رسم الخط کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ ورنہ یہ خطرہ ہے کہ آنے والی نسلیں اردو کو صرف دیوناگری میں دیکھیں گی اور اس کے اصل جمالیاتی اور ثقافتی پہلو سے محروم رہ جائیں گی۔ ان ہی احساسات کے تحت اردو دانشوروں نے ریختہ کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اردو مواد کو دیوناگری رسم الخط میں تبدیل کرتے ہوئے ایک شفاف روایت قائم کریں۔ تجویز یہ تھی کہ ویب سائٹ اور مطبوعات دونوں جگہوں پر واضح طور پر یہ ذکر کیا جائے کہ ”اصل متن اردو رسم الخط میں لکھا گیا تھا، اور اسے فلاں نے دیوناگری یا رومن میں منتقل کیا ہے“۔ یہ وضاحت نہ صرف شفافیت کو فروغ دے گی بلکہ اردو ادب کی اصل روح کو بھی محفوظ رکھے گی۔ اس سے قاری میں اردو رسم الخط سیکھنے کی ترغیب پیدا ہوگی، کیوں کہ  اصل لطف تو اردو مواد کو اس کے حقیقی رسم الخط میں پڑھنے میں ہی ہے۔ دوسرا اہم فائدہ یہ ہوگا کہ مستقبل میں اگر کوئی اردو مواد کو دیوناگری رسم الخط میں ہونے کی بنیاد پر ہندی ادب کا حصہ ثابت کرنے کی کوشش کرے، تو یہ وضاحت اس کے دعوے کو کمزور کرے گی۔

    اردو اور ہندی کے درمیان فرق کو ختم کرنے کی کوششیں کافی عرصے سے جاری ہیں۔ لیکن اگر اردو رسم الخط کے تحفظ کے لیے دیوناگری میں ترجمہ شدہ مواد کے ساتھ اصل کا ذکر کیا جائے، تو اردو کی انفرادیت اور تہذیبی ورثہ محفوظ رہ سکتا ہے۔ یہ نہ صرف ایک زبان کے تحفظ کی حکمت عملی ہوگی بلکہ اس کے ادب اور تاریخ کے لیے ایک اہم اقدام بھی ثابت ہوگی۔ لیکن محسوس ہوا کہ ریختہ نے اس مشورے کو درخورِ اعتنا نہیں سمجھا۔

    جشنِ ریختہ 2024 کے ایک اور اہم پہلو پر غور کیا جائے تو نجی اردو ناشرین کی غیر موجودگی خاص طور پر تشویش کا باعث ہے۔ اردو کتابوں کے وہ ناشرین، جو برسوں سے اردو زبان کی خدمت میں مصروف ہیں، اس سال کے جشن میں نظر نہیں آئے۔ اس کی بنیادی وجہ جشن کے اسٹالز کی بھاری بھرکم فیس تھی، جو لاکھوں روپے کے آس پاس تھی۔ یہ فیس چھوٹے اور درمیانے درجہ کے اردو ناشرین کے لیے ناقابل برداشت ہے۔ نتیجتاً وہ اس جشن میں حصہ لینے سے محروم رہے۔ یہ صورت حال واضح طور پر ریختہ کے کارپوریٹ مزاج کی عکاسی کرتی ہے۔ ایک ایسے جشن میں، جس کا مقصد اردو زبان کا فروغ اور ترویج ہو تو اردو ناشرین کو مالی وجوہات کی بنا پر باہرکیوں رکھا گیا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ جشن کی انتظامیہ کا زور منافع کمانے پر زیادہ ہے اور اردو کے حقیقی خادمین کو ساتھ لے کر چلنے پر کم۔ اس سے نہ صرف اردو کتابوں کی تشہیر متاثر ہوئی بلکہ قارئین کو بھی محدود مواقع فراہم ہوں گے۔

    ریختہ، جو کبھی خالص اردو کی خدمت کے لیے ایک غیر منافع بخش تنظیم کے طور پر شروع ہوا تھا، اب ایک مکمل کارپوریٹ مشینری کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ اس کی مینجمنٹ ٹیم اب اتنی اہل ہو چکی ہے کہ اسے اردو والوں کے تعاون کی ضرورت ہی محسوس نہیں ہوتی۔ اردو کے چاہنے والے اور شائقین جو کبھی اس پلیٹ فارم کی جان تھے، اب صرف سامعین یا صارفین بن کر رہ گئے ہیں، جنہیں مختلف طریقوں سے مالی فوائد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ ریختہ کے مختلف ایونٹس میں شائقین کی شرکت کو ایک تجارتی موقع کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ ٹکٹوں کی فروخت، کارپوریٹ اسپانسرشپ اور دیگر تجارتی سرگرمیاں ریختہ کو ایک منافع بخش ادارہ بناتی جا رہی ہیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ اس منافع سے اردو کو کیا فائدہ ہو رہا ہے؟ کیا یہ سرمایہ اردو کے معیاری فروغ کے لیے استعمال ہو رہا ہے، یا صرف ایک کاروبار کو بڑھانے کے لیے؟

    یہ بات بھی قابل غور ہے کہ اردو کے شائقین اور اہلِ قلم نے خود بھی ریختہ جیسے پلیٹ فارمز کو ضرورت سے زیادہ اہمیت دی ہے۔ اگر اردو کے ماہرین اور چاہنے والے خود اپنے پلیٹ فارمز کو مضبوط کرنے پر توجہ دیتے تو شاید ریختہ کی کارپوریٹ شکل اتنی غالب نہ آتی۔ اردو کے وارثوں کو چاہیے کہ وہ ایسے پلیٹ فارمز کو تقویت دیں جو خالص اردو کی خدمت کے لیے کام کر رہے ہیں، بجائے اس کے کہ وہ مکمل طور پر ریختہ جیسے اداروں پر انحصار کریں۔

    ریختہ، خاص طور پر جشنِ ریختہ، اردو زبان کے فروغ کے لیے ایک اہم کوشش ہے، لیکن اس کا کارپوریٹ مزاج، دیوناگری رسم الخط کا بڑھتا ہوا استعمال، اردو ناشرین کی غیر موجودگی، اور اردو دانشوروں کی کم شمولیت اس کے اصل مقصد کو متاثر کر رہے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اردو کے چاہنے والے اور ماہرین مل کر اس بات کو یقینی بنائیں کہ اردو کی اصل روح اور وراثت محفوظ رہے۔ ریختہ کے منتظمین کو بھی یہ سمجھنا ہوگا کہ ان کی کامیابی اردو زبان اور اس کے چاہنے والوں کے بغیر ممکن نہیں۔ اگر ریختہ اردو کے حقیقی وارثوں اور دانشوروں کو مرکزی مقام دے، اور دیوناگری پر اردو رسم الخط کو فوقیت دے، تو یہ نہ صرف اردو زبان بلکہ خود ریختہ کے لیے بھی ایک بڑی کامیابی ہوگی۔

     

  • مدارس کے نصاب میں تبدیلی کا مسئلہ

    مدارس کے نصاب میں تبدیلی کا مسئلہ

    مدراس کے نصاب میں تبدیلیاں ہوتی رہی ہیں، مگر یہ سب جزوی تبدیلیاں ہی تھیں۔ پھر جب منتظمین کو اور خود فارغین مدارس کو بھی اس بات کا احساس ہوا کہ عالمیت و فضیلت کے بعد بھی بعض ایسے پہلوؤں میں ناپختگی رہ جاتی ہے جو جدید دنیا میں دعوت و تبلیغ کے تقاضے پورے کرنے کے لیے ضروری ہیں تو فارغین مدارس کے لیے عصری اداروں میں اعلیٰ تعلیم کی راہیں کھولی گئیں۔

    چنانچہ طلبہ  مدارس عالمیت و فضیلت سے فراغت کے بعد اندرون ملک مختلف یونیورسٹیوں کا رخ کرتے ہیں اور بیرون ممالک جامعہ ازہر اور ام القری جیسے اداروں میں تعلیم حاصل کرنے جاتے ہیں۔ ایک بڑی تعداد ان لوگوں کی بھی ہوتی ہے جو پروفیشنل کورسز کرتے ہیں۔ خود فارغین مدارس کی طرف سے ایسے ادارے بھی چلائے جا رہے ہیں جو مدارس کے طلبہ  کو فراغت کے بعد کمپیوٹر اور انگریزی زبان میں مہارتیں  پیدا کراتے ہیں۔ اس طرح دیکھا جائے تو فارغین مدارس کے لیے بہت سی راہیں کھلی ہوتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ فارغین مدارس تقریباً ہر شعبے میں نظر آتے ہیں اور دنیا کے ہر خطے میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

    مگر یہ بھی اپنی جگہ حقیقت ہے کہ اس معاملے میں جو کچھ بھی پیش رفت ہوئی ہے اور جو کچھ بھی اضافی کوششیں کی گئی ہیں وہ زیادہ تر عالم وفاضل طلبہ  کے لیے ہی ہوئی ہیں۔ ان کے لیے مختلف قسم کے کورسز ہیں، ان کے لیے وظائف بھی مقرر کیے گئے ہیں، مگر ابتدائی درجات ابھی تک بھی انتظامیہ کی بے توجہی کا شکار ہیں، حالانکہ ابتدائی درجات کی تعلیم پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے، اور یہ ضرورت آج مزید بڑھ گئی ہے۔ آج زیادہ ضروری چیز یہ ہے کہ دینیات کی ابتدائی تعلیم دینے والے مدارس و مکاتب کے نظام کو زیادہ فعال اور متحرک بنایا جائے، کیونکہ ابتدائی درجات کی تعلیم دینے والے مدارس و مکاتب ہی طلبہ  کو اس لائق بناتے ہیں کہ وہ عالم وفاضل بن سکیں۔

    بڑے مدارس کو طلبہ  کی مدد کہاں سے ملتی ہے؟

    بڑے مدارس کی طرف جو طلبہ  سال بہ سال رخ کرتے ہیں، ان میں سے زیادہ تر اپنے علاقائی مکاتب اور مدارس سے ہی آتے ہیں۔ تبلیغی جماعت کا پس منظر رکھنے والے بھی کئی طلبہ  مدارس میں آتے ہیں۔ اگر ابتدائی تعلیم فراہم کرنے والے مدارس و مکاتب نہ ہوں تو بڑے مدارس جیسے ندوہ، دیوبند، مظاہرالعلوم، سلفیہ، اشرفیہ اور فلاح و اصلاح کو اتنے طلبہ  نہیں مل سکیں گے جتنے انہیں فی الوقت مل رہے ہیں، جو کہ انہیں ہر سال بہت سے طلبہ  کو واپس کرنا پڑتا ہے۔

    لیکن ابتدائی تعلیم دینے والے مدارس و مکاتب کا حال یہ ہے کہ ان میں سال کی ابتداء میں اگر 100 بچے داخل ہوتے ہیں تو سال کے آخر تک نصف ہی رہ جاتے ہیں، بلکہ نصف سے بھی کم رہ جاتے ہیں۔ یعنی 60 سے 70 فیصد بچے درمیان ہی میں تعلیم چھوڑ دیتے ہیں، یا تو اسکول کی لائن پکڑ لیتے ہیں یا پھر تعلیم ہی منقطع کر دیتے ہیں۔

    تعلیم منقطع کرنے کی عام وجوہات:

    1۔ سب سے پہلی بات یہ ہے کہ مدارس میں زیر تعلیم طلبہ  کے والدین ان کے معاملے میں زیادہ حساس اور سنجیدہ نہیں ہوتے۔ ان کے سرپرستوں میں زیادہ تر کاشتکار، مزدور، اور چھوٹے کاروباری ہوتے ہیں، اور ان میں سے بیشتر تعلیم کے میدان کی زیادہ واقفیت نہیں رکھتے۔ جب واقفیت نہیں ہوتی تو وہ ان کی صحیح رہنمائی بھی نہیں کر پاتے۔ ان میں سے زیادہ تر سرپرستوں کو یہ نہیں پتہ ہوتا کہ ان کے بچے کیا پڑھ رہے ہیں اور کیسے پڑھ رہے ہیں۔

    اس کے برعکس، جو طلبہ  علمی گھرانوں سے آتے ہیں، وہ اگر کم محنت بھی کریں اور معمولی ذہانتیں رکھتے ہوں تو وہ تعلیم کے اگلے مراحل میں یا پھر تعلیم کے بعد والے مراحل میں زیادہ کامیاب ہو جاتے ہیں، کیونکہ ان کے والد، چچا، اور بھائی وغیرہ ان کی خبرگیری کرتے رہتے ہیں، قدم قدم پر ان کی رہنمائی کرتے ہیں، اور انہیں پتہ ہوتا ہے کہ ان کے بچے کا اگلا قدم کیا ہونا چاہیے۔ ان کی مسلسل نگرانی اور توجہ وسائل کی کمی کی بھی بھرپائی کر دیتی ہے۔

    2۔ سات آٹھ سال کی چھوٹی عمر کے بچے گھر بار اور والدین سے دور مدرسے کے سخت ماحول میں نہیں رہ پاتے۔ان چھوٹے بچوں کو اساتذہ اور منتظمین کی طرف سے سختیوں کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ کئی بار تو سختی کرنا انتظامیہ اوراساتذہ کی مجبوری بن جاتی ہے کیونکہ بچے شرارتیں ہی کچھ ایسی کرتے ہیں کہ اساتذہ کا صبر جواب دے جاتا ہے۔

    3۔ طلبہ  کے والدین ،سرپرست اور خود اہل مدرسہ انہیں زیادہ سہولتیں فراہم نہیں کرپاتے ،اس لیے وہ تعلیم منقطع کردیتے ہیں۔اگر آپ اپنے علاقے کے چھوٹے مدارس کا دورہ کریں تو آپ کو معلوم ہوگا کہ ان میں سے بہت سے طلبہ  ایسے بھی ہوتے ہیں کہ انہیں روز مرہ کی ضروریات کی چیزیں بھی میسر نہیں ہوتیں۔

    4۔ شاید سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ ان طلبہ میں سے زیادہ ترایسے ماحول سے آتے ہیں جہاں ان کی ابتدائی تعلیم وتربیت پر بالکل بھی توجہ نہیں دی گئی ہوتی ہے، پھر جب ان کے سامنے ایسی کتابیں آتی ہیں جو انہوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھی تھیں تووہ ماہ دو ماہ تو کوشش کرتے ہیں کہ وہ کتابیں کسی طرح ان کی گرفت میں آجائیں مگر جب کتابیں کسی طرح بھی ان کی گرفت میں نہیں آتیں تو وہ مدرسے سے بھاگ کھڑے ہوتے ہیں۔اسی طرح حفظ کے طلبہ  سبق اور آموختہ یاد نہ ہونے کی وجہ سے حافظ صاحب کی باربار مارکھاتے ہیں اور بالآخر تنگ آکر مدرسے سے بھاگ جاتے ہیں۔ بے شک حفظ کرنا آسان نہیں ہے اور یہ ہر طالب علم کے بس کی بات بھی نہیں ہے۔

    حفظ کے طلبہ  عموماً آٹھ سے دس سال کی عمر میں حفظ کرنے بیٹھتے ہیں اور دو ڈھائی سال سے تین چار سال کے عرصے میں حفظ کرلیتے ہیں، جبکہ بعض طلبہ  ایسے بھی ہوتے ہیں جو بہت زیادہ عمر کے ہوتے ہیں، تاخیر کے ساتھ حفظ میں بیٹھنے کی وجہ سے یا پھر باربار مدرسے تبدیل کرنے کی وجہ سے یا قوت حافظہ کی کمزوری کی وجہ سے وہ کئی کئی سال درجۂ حفظ ہی میں نکال دیتے ہیں۔ میں نے جس مدرسے میں حفظ کیا تھا اس میں دسیوں بچے ایسے تھے جن کی عمر بیس سال سے متجاوز تھی۔ ان میں کئی طلبہ  نے تو پانچ پانچ اور چھے چھے سال لگادیے اور پھر بھی ان کا حفظ پختہ نہیں ہوپایا۔ پھر اس دور میں جو بچے حفظ کرتے تھے وہ صرف حفظ ہی کرتے تھے، ایک گھنٹہ بھی ان کے لیے ایسا نہیں ہوتا جس میں وہ اردو ہندی اورانگریزی وغیرہ سیکھتے ہوں یا کم ازکم دینیات کا ہی سبق لیتے ہوں، سارا وقت حفظ کے لیے وقف ہوتا تھا۔ مگر آج کل اس میں کچھ تبدیلی آئی ہے اور حفظ کے طلبہ  بھی گھنٹے دو گھنٹے کے لیے دینیات کی تعلیم بھی لیتے ہیں اور ہندی وانگلش وغیرہ بھی سیکھتے ہیں اور یہ ہر طرح سے اچھی بات ہے۔

    میرے حفظ کے جو ساتھی تھے وہ بھی میری ہی طرح کسانوں کی اولاد تھے اور گاؤں دیہات کے غریب گھرانوں سے ان کا تعلق تھا، ان میں سے تقریبا اسّی فیصد طلبہ  عمرزیادہ ہونے کی وجہ سے، گھر کی مجبوریوں کی وجہ سے یا پھرآگے پڑھنے کا مزاج نہ بننے کی وجہ سے حفظ کے بعد عربی کلاسوں میں نہیں بیٹھ سکے اور اپنے اپنے گھروں کو لوٹ گئے۔اور اس حال میں لوٹے کہ وہ اٹھارہ بیس سال کی عمر کو پہنچ چکےتھے اور ان کے پاس کوئی ڈگری نہیں تھی، نہ آٹھویں کلاس کی اور نہ دسویں کلاس کی۔اس لیے وہ اوپن اسکولنگ سسٹم سے بھی نہیں جڑ سکے۔

    اگر یہ سب پہلو آپ کی نظر میں ہیں تو آپ یہ احساس کیے بغیر نہیں رہیں گے کہ حفظ پلس کے جو ادارے ’’شاہین گروپ‘‘وغیرہ کام کررہے ہیں وہ بہت غنیمت ہیں۔ اب یہ الگ بات ہے کہ ان اداروں سے بھی وہی بچے فائدہ اٹھاسکتے ہیں جنہوں نے کم عمر میں حفظ مکمل کرلیا ہو اور ان کے سرپرست ان کی مزید تعلیم کے بھاری اخراجات برداشت کرسکتے ہوں۔ غریب طلبہ  اکا دکا مثالوں کو اگر منہا کردیں تو ان میں سے زیادہ تر حفظ پلس کورس سے بھی فائدہ نہیں اٹھاسکتے۔

    مدارس کی مشکلات:

    ایسا نہیں ہے کہ مجھے مدارس کی مشکلات کا علم نہیں ہے۔ اگر بڑے مدارس کو منہا کردیں تو ملک میں پھیلے ہوئے بیشتر چھوٹے چھوٹے مدارس دونوں طرح کی مشکلات سے گزرتے ہیں، مالیاتی مشکلات سے بھی اور طلبہ  کی مطلوبہ تعداد نہ ملنے کی مشکلات سے بھی۔ یہ مدارس طلبہ  سے اسکولوں کی طرح بھاری فیس بھی نہیں لے سکتے کیونکہ اگر وہ فیس دے سکتے تو ان کے والدین انہیں اسکول ہی بھیجتے، مدرسے میں داخل نہیں کرتے، اس لیے یہ مدارس ہمیشہ مالی مشکلات سے گِھرے رہتے ہیں اور انہی مشکلات کی وجہ سے منتظمین خود اپنے مدرسے اور طلبہ  کے روشن مستقبل کے لیے کوئی بہت ٹھوس پیش بندی اور منصوبہ بندی کرنے سے بھی عاجز رہتے ہیں۔

    مدارس کا معاملہ کالجوں و یونیورسٹیوں کی طرح نہیں ہے جہاں دس دس سیٹوں کے لیے دس دس ہزار طلبہ  داخلہ امتحان میں بیٹھتے ہیں اور یونیورسٹیاں اربوں روپے کی کمائی صرف ایک جھٹکے میں ہی کرلیتی ہیں۔ پھر انہیں حکومت سے جو گرانٹس ملتی ہیں وہ الگ ہیں اور پھر آمدنی کے دوسرے ذرائع بھی ہوتے ہیں ان کے پاس۔اس لیے یہ کہنا بجا ہے کہ جودانشورحضرات یونیورسٹیوں سے وابستہ ہیں وہ کسی بھی قیمت پر اہل مدارس کے لیے صحیح اور مبنی بر انصاف فیصلے نہیں کرسکتے، الایہ کہ وہ مدارس سے نکل کر ہی وہاں پہنچے ہوں اور مدارس کا سارا انتظام وانصرام ان کا دیکھا بھالا ہو۔

    حفظ کے طلبہ  کے لیے چند گزارشات:

    1۔ درجۂ حفظ میں کسی بچے کو داخل کرنے کے لیے عمر کا خاص خیال رکھا جانا چاہیے، حفظ میں بیٹھنے والے طالب علم کی عمر کسی بھی صورت میں دس سال سے زیادہ نہ ہو۔ حفظ شروع کرنے کے لیے سات سے نو سال کی عمر بہت زیادہ موزوں ہے۔یہ عجیب بات ہے کہ حفظ کے درجات میں بعض طلبہ  آٹھ دس سال کی عمرکے ہوتے ہیں اور بعض اٹھارہ بیس سال کے بھی۔ کیونکہ حفظ میں بچوں کو داخل کرتے وقت ان کی عمر نہیں دیکھی جاتی اور نہ ہی یہ دیکھا جاتا ہے کہ یہ بچہ حفظ کرنے کے لائق ہے بھی یا نہیں۔

    جو طلبہ  حفظ میں نہیں چل پاتے انہیں بھی مارے باندھے کسی نہ کسی طرح مکمل حافظ بنانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ان کے والدین اور اساتذہ یہ دلیل رکھتے ہیں کہ چار پانچ پارے حفظ کرلیے ہیں، اب جیسے بھی ہواور خواہ کتنا بھی وقت لگے حفظ مکمل ضرور کرنا ہے، وہ اسے گناہ کی بات سمجھتے ہیں کہ ان کا بچہ دس پندرہ پارے حفظ کرکے چھوڑ دے، بھلے ہی اس نے دس پندرہ پارے ڈھائی تین سال میں ہی کیوں نہ کیے ہوں۔

    2۔ انہی بچوں کو حفظ میں بٹھایا جائے جو حفظ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ اگر حفظ کا کوئی طالب علم مغرب سے عشاء کے درمیانی وقت میں قرآن کے دو ڈیڑھ صفحات پختہ یاد کرکے سنادے تو اس کے بارے میں گمان یہی ہے کہ وہ حفظ کرنے کا اہل ہے۔ اس کے برعکس اگر کوئی طالب علم مغرب سے عشاء تک کے وقت میں صرف ایک یا آدھا صفحہ ہی یاد کرکے سنائے اور وہ بھی ٹھیک سے یاد نہ ہو تو اس کے بارے میں گمان یہی ہے کہ وہ حفظ کے لائق نہیں ہے۔ ہفتے بھر میں اس بات کا آسانی سے پتہ لگایا جاسکتا ہے۔ مگر مشکل یہی ہے کہ بیشتر مدارس کو طلبہ  کی ضرورت رہتی ہے اس لیے وہ کڑی شرائط نہیں لگاپاتے اورہر طالب علم کو حفظ میں بٹھالیتے ہیں۔

    3۔ حفظ کے ساتھ کم از کم دو گھنٹے ضرور نکالے جائیں جن میں انہیں زبانوں کی تعلیم تو کم ازکم دی ہی جانی چاہیے، تاکہ اگر وہ مدرسہ چھوڑ کر جائیں بھی تو اوپن اسکولنگ سے اپنی تعلیم کم از کم انٹرتک کی  مکمل کرسکیں۔

    4۔ حفظ کے طلبہ  کے ساتھ ایک مشکل یہ بھی ہوتی ہے کہ اگر وہ حفظ کے بعد عربی درجات بھی پڑھنا چاہیں تو ان کی عمر بہت زیادہ ہوجاتی ہے۔ عالمیت وفضیلت سے فارغ ہوتے ہوتے پچیس چھبیس سال کے ہوجاتے ہیں، اب خود ان کے اور ان کے سرپرستوں کے اندر مزید تعلیم حاصل کرنے کا حوصلہ نہیں رہ پاتا۔

    5۔ سرپرستوں کے لیےایک بہت ضروری بات یہ بھی ہے کہ چھوٹے بچوں کو دور دراز کے مدرسوں میں ڈالنے کے بجائے مقامی مدارس میں بٹھائیں، آپ کا بچہ صبح کو گھر سے نکلے اور سبق لے کر شام کو گھر لوٹ آئے، اس سے بہتر کوئی اوربات نہیں ہوسکتی۔ آٹھ دس سال کے بچوں کو گھرسے سیکڑوں میل دور ہاسٹل میں ڈالنا اور وہ بھی ایسے ہاسٹل میں جہاں سہولتیں بھی ناکافی ہوں، کسی طرح بھی مناسب نہیں ہے۔ اس سے بہتر کوئی بات نہیں ہے کہ چھوٹے بچے مقامی مدارس ومکاتب میں ابتدائی تعلیم حاصل کریں اور پھر اعلیٰ تعلیم کے لیے بڑے مدارس کا رخ کریں۔

    مدارس کے نصابِ تعلیم میں درکار تبدیلی:

    1۔ جیسا کہ اوپر بیان ہوا کہ حفظ میں منتخب بچے ہی رکھے جائیں،جو بچے حفظ میں چلنے کے لائق نہ ہوں، خود ان سے اوران کے والدین سے بات چیت کرکے، انہیں دینیات کے درجات میں بٹھایا جائے، دینیات کے درجات کا نصاب ایسا ہو کہ سال دو سال بعد اگر کچھ طلبہ  کسی مجبوری کی وجہ سے مدرسہ چھوڑ بھی دیں تو وہ مقامی اسکول میں ایڈمیشن لے سکیں۔ ان کی عمر بھی زیادہ نہ ہو اور اتنی صلاحیت بھی ہوکہ مطلوبہ کلاس میں داخلہ مل سکے۔

    2۔ اس سلسلے میں سب سے بہتر طریقہ یہی معلوم ہوتا ہے کہ دسویں / بارہویں تک ہرمدرسے کا نصاب اور پڑھانے کے طورطریقے اسکول کی طرح ہی رکھے جائیں۔ گورنمنٹ اسکول کے نصاب میں چند کتابیں کم کرکے دینیات کی چند کتابیں داخل کردی جائیں اور دسویں وبارہویں کے امتحان کسی بھی بورڈ سے دلوائے جائیں۔اگر اتنا نہیں کرسکتے تو کم از کم آٹھویں تک تو لازما یہی اسکول والا نصاب جزوی تبدیلی اور حذف واضافے کے ساتھ رکھا جائے۔ابتداء میں بے شک کچھ مشکلات آئیں گی مگر چند سالوں میں اس مشکل پر آسانی کے ساتھ قابو پایا جاسکتا ہے۔

    3۔ دسویں ، بارہویں کرنے کے بعد جو طلبہ کالج ویونیورسٹی کی طرف جانا چاہیں وہ ادھر چلے جائیں اور جو طلبہ  عالم وفاضل بننا چاہیں انہیں اسی مدرسے میں عالمیت کے درجے میں بٹھایا جائے، اگر مدرسہ چھوٹا ہو اور عالمیت کے درجات نہ ہوں تو ا نہیں بڑے مدارس میں داخل کیا جائے۔ میرا خیال ہے کہ اگر ان طلبہ  کی بروقت صحیح کونسلنگ کی جائے تو ان میں سے ساٹھ ستر فیصد طلبہ  ضرور بالضرور علم دین حاصل کرنا چاہیں گے۔

    اب فرض کریں کہ ان میں سے بعض طلبہ  اگر کسی مجبوری کی وجہ سے آگے کی تعلیم جاری نہ رکھ سکیں، نہ مدرسے کی اور نہ ہی یونیورسٹی کی توان طلبہ  کے پاس اتنی صلاحیت ضرور ہوگی کہ وہ زندگی میں سروائیو کرپائیں گے، چھوٹی موٹی جاب بھی کرنے کے اہل ہوں گے اور ناخواندہ لوگوں کے مقابلے میں اپنے کاروبار میں بھی بہتر کریں گے۔

    4۔ جب یہ طلبہ بارہویں کرلیں گے تب ان کی عمر یہی کوئی اٹھارہ، انیس سال کی ہوگی اور ان کے لیےعالم وفاضل بننے کے لیے پانچ چھے سال بہت کافی ہوں گے۔ جب یہ طلبہ  عالم وفاضل بن کر نکلیں گے تو دنیا کا ہر کورس اور دنیا کی ہر جاب کرنے کے اہل ہوں گے۔

    5۔ انہی دس بارہ سالوں میں جب اسکول جیسی تعلیم دی جارہی ہوگی، زبانیں سکھانے پر خاص فوکس کیا جائے، ہر طالب علم کو چار پانچ زبانیں آنی ہی چاہئیں۔یہ طلبہ  ہندی و اردو تو بہت آسانی سے سیکھ لیں گے، بس انگریزی و عربی زبان پر ذرا زیادہ فوکس کرنا پڑے گا، تاکہ وہ عالمیت وفضیلت کرنے کے لیے پوری طرح اہل ہوسکیں۔ پھر ان زبانوں کو پڑھانے کا طریقہ بھی جدید اورکامیاب طریقہ ہونا ضروری ہے۔

    6۔ عالمیت وفضیلت کے جو درجات ہیں ان میں اہل مدارس چاہیں تو ہلکی پھلکی تبدیلی کرلیں، یا نہ کرنا چاہیں تو نہ کریں ۔البتہ عالمیت کا جو طویل دورانیہ ہے اس میں سے دو تین سال کم کرنا مناسب رہے گا ۔ نحو و صرف کی اضافی کتابیں منہا کی جاسکتی ہیں ،اسی طرح فقہ کی بعض کتابیں بھی ۔ اس کے علاوہ جو مشکل کتابیں ہیں انہیں آسان کتابوں سے ضرور بدلنا چاہیےاوریہ تبھی ہوگا جب کتاب سے زیادہ فن کو اہمیت دی جائے گی ۔

    7۔ مدارس میں عالمیت کے بعد جو فضیلت وتخصص کے شعبے ہیں ، وہ شعبے اسی طرح یا نصاب میں جزوی حذف واضافے کے ساتھ فعال رکھے جاسکتے ہیں تاہم انہی شعبوں میں ’’تقابلِ ادیان‘‘  شعبے کا اضافہ بھی ضرور کیا جائے جس میں سنسکرت زبان سکھائی جائے اور ہندوستان میں جو مختلف مذاہب ہیں ان کی اہم اور بنیادی کتابیں بھی پڑھائی جائیں تاکہ وہ غیر مسلموں میں دعوت کا کام بحسن وخوبی کرسکیں۔ فضیلت وتخصص میں منتخب طلبہ  کو لیا جائے، ایسے طلبہ  کو جو کم عمر ہوں، محنتی ہوں اورذی استعداد بھی ہوں اور پھر ان کے گھر کی مالی پوزیشن بھی مستحکم ہو، تاکہ وہ مزید یکسوئی کے ساتھ علمی و دعوتی کام کے لیے خود کو وقف کرسکیں۔ مدارس میں اوپر کے شعبوں میں سب سے زیادہ فعال اسی شعبے کو ہونا چاہیے اور سب سے زیادہ وسائل بھی اسی شعبے کو حاصل ہونے چاہئیں،کیونکہ یہ وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔

    8۔ چھوٹے مدارس میں بھی اساتذہ کی تنخواہیں اچھی اور معیاری ہوں اور سہولتیں بھی اچھی ہوں تاکہ طالب علم اپنے مستقبل میں ایک استاذ کی حیثیت سے اپنا کرئیر بنانے کی کوشش کریں اور ان کے سرپرست،  دوست واحباب اور محلے کے لوگ ان کے بارے میں یہ رائے قائم کریں کہ سب سے اچھا پیشہ یہی تدریس کا پیشہ ہے۔ مدارس اور اہل مدارس کے تعلق سے جب تک خود مدارس کے تدریسی اسٹاف اور عام لوگوں کے اندر یہ احساس پیدا نہیں ہوگا کہ مدارس کے خدام کی زندگی بھی قابل رشک زندگی ہے، تب تک مدارس کو طلبہ  نہیں ملنے والے ہیں اور اگر ملیں گے بھی تو ایسے ہی ملیں گے جو غریب اورکمزوراور نادار ہوں گے،جو اسکول نہیں جاسکتے، جنہیں پڑھنے لکھنے کا کچھ بھی شوق نہیں ہوگا ، بس یونہی مارے کھینچے مدرسے میں پہنچائے گئے ہوں گے۔

    اس پورے معاملے میں سب سے اہم جو بات ہے وہ یہی ہے کہ مدارس کے طلبہ  فراغت کے بعد جب تدریس وامامت کے پیشوں سے وابستہ ہوں تو انہیں موجودہ زمانے کے حساب سے اچھی اورمعیاری تنخواہیں ملیں اور انہیں بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔ نہیں تو آج کل کے جو حالات ہیں اگر یہی حالات چلتے رہے تو بہت زیادہ وقت نہیں گزرے گا کہ نہ مساجد کے لیے امام میسر ہوں گے اور نہ مدارس کے لیے طلبہ  واساتذہ۔ اس پورے معاملے یہی سب سے بنیادی کام ہے مگر اسی پر سب سے کم توجہ ہے، خود اہل مدرسہ کی بھی اور قوم کے مخیر حضرات کی بھی ۔اگر تنہا یہی ایک چیز درست کرلی جائے تو دیگر بہت ساری چیزیں خود بخود اپنے ٹریک پر آتی چلی جائیں گی۔

    9۔ مدارس کے نصاب میں یہ جزوی تبدیلی اس لیے بھی ضروری ہے کہ قوم کے بے شمار بچے سرکاری اسکولوں میں پڑے برباد ہورہے ہیں، ان کے سرپرست خانگی اسکولوں میں بٹھانہیں سکتے کیونکہ فیس زیادہ ہوتی ہے اور سرکاری اسکولوں میں انہیں تعلیم نہیں ملتی۔سال کا کم وبیش نصف حصہ تو چھٹیوں میں ہی گزرجاتا ہے، کبھی ٹیچرس غائب رہتے ہیں تو کبھی طالب علم۔ اگر آپ گاوؤں ، و قصبوں میں مسلم محلوں کا سروے کریں تو آپ کو معلوم ہوگا کہ اسکولوں میں پڑھنے والے مسلمان بچوں کی کتنی بڑی تعداد برباد ہورہی ہے۔ پچاس ساٹھ فیصد بچے تو آٹھویں دسویں سے آگے ہی نہیں بڑھ پاتے اور جو تھوڑے بہت بچے لشتم پشتم کسی طرح انٹر کر بھی لیتے ہیں تو ان کے پاس ڈگری کی سواکچھ نہیں ہوتا، بلکہ بہت سارے بچے تو غلط صحبتوں میں پڑ کر برباد ہوجاتے ہیں۔ یہ بڑی تکلیف دہ صورت حال ہے مگر اس طرف کسی کا بھی دھیان نہیں جاتا۔اگر ہم سمجھتے ہیں کہ ہمیں اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں برباد ہونے سے بچانا ہے تو ہمیں اپنے مدرسوں میں لازماً وہ تعلیم دینی چاہیے جو وہ سرکاری اسکولوں میں حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

    10۔ ابتدائی تعلیم کے درست ہونے سے دیگر بہت سارے مسائل بھی از خود حل ہوجائیں گے۔ ایک تو جب طلبہ  کی بنیاد مضبوط ہوگی تو انہیں آگے کی تعلیم کا شوق پیدا ہوگا، پھر خود سرپرست بھی چاہیں گے کہ وہ اپنے بچوں کو مزید تعلیم دلائیں۔ پھر اگر ایسا ہوسکے کہ بڑے پیمانے پرسرکاری اسکولوں میں جانے والے طلبہ مدارس کی طرف آجائیں تو تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی اسلامی تربیت بھی ہوسکے گی اور پھر جب ان میں سے کچھ طلبہ  سولہ، سترہ سال کی عمر میں یونیورسٹیوں کا رخ کریں گے تو وہ الحادو دہریت کے اسٹروکس سے بھی کسی قدر محفوظ رہ پائیں گے۔

    11۔ وقت کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کے اندر بلکہ خود علماء کے اندر بھی جو کچھ بھی اور جیسی کچھ بھی تبدیلی آرہی ہے وہ آپ دیکھ ہی رہے ہیں۔ میری طرح آپ بھی یہ بات نوٹ کیے بنا نہیں رہ سکتے کہ اب مدارس کے اساتذہ ومنتظمین اور ائمہ مساجد بھی اپنے بچوں کو اسکول کی تعلیم دلارہے ہیں۔ یہ کیسی ستم ظریفی ہے یاوقت اور حالات کی مار کہیے کہ اہل مدارس تو گاؤں دیہات سے چھوٹے بچوں کو پکڑ پکڑ کر لائیں اور انہیں عالم وفاضل بنائیں لیکن جب وہ عالم وفاضل بن جائیں تو وہ خود اپنے بچوں کو مدارس میں نہ بھیج کر اسکولوں میں بھیجیں ، باوجود اس کے کہ ان کی آمدنی کم ہے اور اسکول کی تعلیم میں اخراجات بہت زیادہ ہیں اورجب کہ اسکول کی تعلیم کی بنسبت مدارس کی تعلیم میں اخراجات بہت کم ہیں۔

    ویسے میرا خیال تو یہ ہے کہ اس بات میں، یعنی علماء بھی اپنے بچوں کو اسکول کی تعلیم دلا رہے ہیں، کچھ زیادہ حرج بھی نہیں ہے کیونکہ یہ کوئی فرض وواجب تو نہیں ہے کہ عالم دین کے بچے بھی عالم دین ہی بنیں، وہ دوسرے علوم بھی حاصل کرسکتے ہیں اور دوسرے ذرائع سے پیسے کماکر اپنے والدین کی مدد کرسکتے ہیں۔ مگر یہ کہ اس سے مدارس کے خلاف ایک ذہنیت تو پیدا ہوتی ہی ہے کہ اگر مدارس کی تعلیم اتنی ہی اچھی ہے جتنی اچھی بتائی جاتی ہے تو علماء خود اپنے بچوں کو مدارس میں کیوں داخل نہیں کرواتے۔

    ان سب وجوہات کو دیکھتے ہوئے کم از کم مجھے تو پورا انشراح ہے کہ مدارس کے ابتدائی درجات کے نصاب میں جزوی تبدیلی خوشگوار نتائج پیدا کرے گی ۔اور یہ تبدیلی کسی طرح سے بھی کلی تبدیلی نہیں ۔