Author: مدیر

  • دہلی دنیا کا سب سے آلودہ شہر

    دہلی دنیا کا سب سے آلودہ شہر

    دہلی صرف ہندوستان کے اقتدار کی راجدھانی نہیں ہے بلکہ یہ اور بھی بہت ساری باتوں کی راجدھانی ہے۔ جن میں دو باتیں سرفہرست ہیں۔ پہلی یہ کہ دہلی خواتین کے خلاف جرائم کی راجدھانی ہے۔ یعنی خواتین اور بچوں کے خلاف سب سے زیادہ جرائم دہلی ہی میں ہوتے ہیں۔ دوسری بات یہ کہ دہلی آلودگی کی بھی راجدھانی ہے۔ یعنی نہ صرف ہندوستان کی سطح پر بلکہ عالمی سطح پر بھی سب سے زیادہ پولیوشن اسی شہر میں پایا جاتا ہے۔ گویا دہلی پولیوشن کے لحاظ سے دنیا بھر کی راجدھانی ہے۔ یوں تو تقریباً پورے سال دہلی کی فضا پر دھند چھائی رہتی ہے اور آلودگی کی سطح اتنی بلند رہتی ہے کہ سانس لینا مشکل ہو جاتا ہے۔ بالخصوص مریضوں، بزرگوں اور بچوں کی صحت پر تو بے انتہا خراب اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ لیکن جب موسم سرما شروع ہونے والا ہوتا ہے تو آلودگی کی سطح میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔ ہندوؤں کا ایک تہوار دیوالی موسم سرما کے آغاز پر ہی پڑتا ہے۔ دیوالی سے قبل آلودگی میں اگر کچھ کمی بھی رہتی ہے تو دیوالی کے پٹاخے اس کمی کو پورا کر دیتے ہیں۔ نہ صرف پورا کر دیتے ہیں بلکہ دہلی کی فضا کو انتہائی خطرناک بھی بنا دیتے ہیں۔

    دہلی حکومت گزشتہ کئی برسوں سے دیوالی پر پٹاخے چھوڑنے پر پابندی عاید کرتی آئی ہے۔ لیکن مجال ہے کہ لوگ اس پابندی کی پابندی کریں۔ ہندوؤں کا بہت بڑا طبقہ اسے مذہب سے جوڑ دیتا ہے اور کہتا ہے کہ دیوالی پر پٹاخوں پر پابندی سناتن دھرم کی بے عزتی ہے۔ اس کے مطابق ہندو مذہب کی مخالفت میں یہ پابندی عاید کی جاتی ہے۔ حالانکہ پابندی عاید کرنے والے ہندو ہی ہوتے ہیں۔ مرکز کی حکومت ہو یا دہلی کی دونوں پر بر سر اقتدار طبقہ کی اکثریت ہندو ہی ہے۔ لیکن بہرحال اس پابندی کو مذہب سے جوڑ کر اس کی خوب خلاف ورزی کی جاتی ہے۔ عوام کو اپنی،  اپنے بچوں اور بزرگوں تک کی صحت کی فکر نہیں ہے۔ فکر ہے تو اس کی کہ کس طرح پٹاخے پھوڑ کر اپنا مذہبی تہوار منائیں۔ حالانکہ دیوالی منانے کا بہترین طریقہ روشنی ہے۔ پہلے دیے جلائے جاتے تھے۔ اب قمقمے جلائے جاتے ہیں۔ حالانکہ دیہی علاقوں میں بلکہ دہلی میں بھی بعض لوگ دیے ہی جلاتے ہیں۔ دیوں سے نکلنے والا دھواں بھی پولیوشن میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔ لیکن اسے کیا کیا جائے کہ لوگ مانتے ہی نہیں ہیں۔ امسال دیوالی آنے سے قبل ہی دہلی کی فضا بے حد زہریلی ہو گئی تھی۔ دیوالی کے اگلے روز اگر چہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں آلودگی یا کثافت کم رہی لیکن اس کے بعد کے دنوں میں اس میں مزید اضافہ ہو گیا۔ جس کے نتیجے میں دہلی میں ہوا کا معیار خطرناک حد تک خراب ہو گیا۔ عالمی میڈیا نے جلی حروف میں لکھا کہ دہلی دنیا کا سب سے آلودہ یا سب سے گندا شہر ہے۔ اس پر حکومت کو بھی اور عوام کو بھی ندامت ہونی چاہیے لیکن کون نادم ہوتا ہے۔

    آلودگی کو یا ہوا کے معیار کو ناپنے کے پیمانے کو اے کیو آئی یعنی ایئر کوالٹی انڈکس کہتے ہیں۔ دیوالی کے موقع پر دہلی میں بعض مقامات پر اے کیو آئی 400 تک پہنچ گیا۔ خیال رہے کہ ہوا کے معیار کی اس سطح کو ایمرجنسی سطح کہا جاتا ہے۔ یعنی اگر اے کیو آئی چار سو ہو گیا ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ہوا کے خراب معیار سے ہر شخص متاثر ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ صفر سے پچاس تک کے اے کیو آئی کو اچھا اور اطمینا بخش مانا جاتا ہے۔ 51 سے 100 تک کو قابل قبول مانا جاتا ہے۔ پھر بھی اس سے وہ لوگ متاثر ہو سکتے ہیں جن کو الرجی وغیرہ کی بیماری ہو۔ 101 سے 150 تک حساس طبیعت کے لوگوں کے لیے غیر صحت بخش مانا گیا ہے۔ اس میں حساس لوگ متاثر ہو جاتے ہیں۔ 151 سے 200 تک کو عام لوگوں کے لیے غیر صحت بخش مانا گیا ہے۔ یعنی عام لوگوں میں سے بھی بہت سے لوگ متاثر ہو سکتے ہیں۔ 201 سے 300 تک کو انتہائی خراب مانا گیا ہے۔ اس میں ہر شحص کی صحت متاثر ہو سکتی ہے۔ جبکہ 301 سے اوپر تباہ کن مانا گیا ہے۔ اسے ایمرجنسی کہا گیا ہے۔ دہلی میں دیوالی کے بعد بعض مقامات پر اے کیو آئی چار سو تک پہنچ گیا۔

    دہلی میں آلودگی کے متعدد اسباب ہیں۔ پہلی بات تو یہ کہ دہلی کی سرحد اترپردیش اور ہریانہ سے ملتی ہے۔ پولیوشن میں اضافے کی ایک وجہ ان دونوں ریاستوں اور خاص طور پر ہریانہ میں فصلوں کی باقیات کو جنھیں پرالی بھی کہا جاتا ہے، جلانا ہے۔ حالانکہ ہریانہ اور پنجاب کی حکومتوں نے اس کی حوصلہ شکنی کے اقدامات کیے ہیں لیکن اس کے باوجود پرالی بڑے پیمانے پر جلائی جاتی ہے۔ ایک تخمینے کے مطابق ایک سیزن میں ساڑھے تین کروڑ ٹن پرالی جلائی جاتی ہے۔ جب ہوائیں چلتی ہیں تو وہ ہریانہ، پنجاب اور اترپردیش میں جلائی جانے والی پرالی کا دھواں اور گرد اڑا کر دہلی میں لے آتی ہیں جس کی وجہ سے ہوا کا معیار خراب ہو جاتا ہے۔

    دہلی میں ٹریفک کی بدترین صورت حال اس کی دوسری وجہ ہے۔ گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں فضا کو خراب کرتا اور دھند میں اضافہ کرتا ہے۔ دہلی حکومت کی جانب سے پرانی گاڑیوں کے چلانے پر پابندی ہے۔ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔ یاد رہے کہ دہلی میں 31 مارچ 2023 تک گاڑیوں کی تعداد 79 لاکھ 50 ہزار تھی۔ جن میں پرائیویٹ کاروں کی تعداد بیس لاکھ 70 ہزار ہے۔ دہلی میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی تعداد ایک کروڑ بیس لاکھ ہے۔ حالانکہ حکومت کی جانب سے پرانی گاڑیوں کے چلنے پر پابندی کی وجہ سے ان کی تعداد میں کچھ کمی آئی ہے۔ لیکن اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ دہلی میں تقریباً پونے چا رلاکھ کاریں اور سوا لاکھ ٹو وہیلر دہلی میں یومیہ داخل ہوتے ہیں۔ اتنی ہی گاڑیوں کی تعداد ہر سال رجسٹر کی جاتی ہے۔

    جب موسم سرما شروع ہوتا ہے تو ہوا میں جو گرد و غبار رہتا ہے اور پولیوشن پھیلانے والے جو اجزا ہوتے ہیں وہ حرکت نہیں کر پاتے اور ایک جگہ جم جاتے ہیں۔ جس کی وجہ سے موسم متاثر ہوتا ہے اور پولیوشن میں اضافہ ہوتا ہے۔ دہلی میں پولیوشن کی ایک وجہ ضرورت سے زیادہ آبادی ہے۔ جس کی وجہ سے ایئر پولیشن اور نوائز پولیوشن یعنی ہوا کی آلودگی اور آواز کی آلودگی بڑھی ہوئی ہے۔ مکانات کی تعمیر بھی پولیوشن کی ایک وجہ ہے۔ تعمیرات کے کام میں آنے والی اشیا جیسے کہ ریت وغیرہ جب ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جائی جاتی ہیں تو ان میں سے کچھ اڑتی بھی ہیں جس سے آلودگی بڑھتی ہے۔ سڑکوں کی تعمیر کا کام بھی چلتا رہتا ہے۔ اس سے بھی ہوا کا معیار خراب ہوتا ہے۔ صنعتوں اور کوڑا کرکٹ کی وجہ سے بھی ہوا خراب ہوتی ہے۔ ان میں دیوالی پٹاخے بھی اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ اس طرح دہلی میں آلودگی میں اضافے کی  متعدد وجوہات ہیں۔ اگر چہ حکومت ان وجوہات کو کم کرنے کی کوشش کرتی ہے لیکن اس کا خاطر خواہ نتیجہ برآمد نہیں ہوتا۔

    پولیوشن کی وجہ سے عوام کی صحت پر بہت برا اثر پڑتا ہے۔ ہر سال کی طرح امسال بھی دیوالی کی رات اور اس کے بعد کئی دنوں تک عوام کو زبردست پریشانیوں سے گزرنا پڑا۔ عام لوگوں کو اپنی آنکھوں میں جلن کا احساس ہوتا رہا۔ سانس لینے میں دشواری ہوتی رہی۔ چاروں طرف بارود کی بو پھیلنے کی وجہ سے پھیپھڑوں پر برا اثر پڑتا ہے۔ جن لوگوں کو دمہ کی شکایت ہے وہ سب سے زیادہ پریشان ہوتے ہیں۔ آلودگی میں اضافے سے دل کے امراض بڑھتے ہیں۔ اس سے خون متاثر ہوتا ہے جس سے دل پر برا اثر پڑتا ہے۔ ایک تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ ہوا کے خراب معیار کی وجہ سے بلڈ پریشر بڑھتا ہے جس سے دل کے دورے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس کے علاوہ کینسر کا خطرہ بڑھتا ہے۔ اعصاب متاثر ہوتے ہیں۔ شکم سے متعلق بیماریاں گھیر لیتی ہیں۔ گردہ اور لیور متاثر ہوتے ہیں۔ جلدی بیماریاں پیدا ہوتی  ہیں۔ اس طرح دیکھا جائے تو پولیوشن کی سطح میں اضافے سے انسان مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو جاتا ہے۔

    بہرحال آلودگی ایک عالمی مسئلہ ہے۔ اس سے بہت سی بیماریاں پھیلتی ہیں۔ حالانکہ ان میں سے کچھ بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔ لیکن پھر بھی ذرا سی بد احتیاطی ان بیماریوں کی چپیٹ میں پہنچا دیتی ہے۔ لوگوں کو چاہیے کہ وہ آلودگی سے متعلق ہونے والی بیماریوں کے بارے میں جانیں اور ان سے بچنے کے انتظامات کریں۔ احتیاطی تدابیر بہت کام آتی ہیں۔ اگر ان کو اپنایا جائے تو امراض سے بچا جا سکتا ہے۔ آج پوری دنیا میں آلودگی کے سلسلے میں بڑے پیمانے پر تشویش پائی جاتی ہے۔ عالمی سطح پر آلودگی کو کم کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ملکوں کے درمیان متعدد معاہدے اور سمجھوتے ہوئے ہیں۔ عالمی اداروں کی جانب سے ان ملکوں پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے جو زیادہ مقدار میں گیس خارج کرتے ہیں۔ متعدد احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔ لیکن اس کے باوجود اس پر قابو پانا مشکل ہو رہا ہے۔ اگر ہندوستان کی مرکزی اور دہلی حکومت نے اس سلسلے میں کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی تو وہ دن دور نہیں جب دہلی میں رہنے والا ہر شخص کسی نہ کسی مرض میں مبتلا ہو جائے گا اور پھر اس سے نجات کا کوئی راستہ نہیں ہوگا۔

  • آبادی میں عدم توازن اور اس کے مضمرات

    آبادی میں عدم توازن اور اس کے مضمرات

    جنوبی ہند کی دو ریاستوں آندھراپردیش اور تمل ناڈو کے وزرائےاعلیٰ نے اپنی ریاستوں میں گھٹتی شرح پیدائش اور بزرگوں کی تعداد میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیاہے۔ انہیں اندیشہ ہے کہ اگر شرح پیدائش واموات کا یہی تناسب جاری رہا تو کچھ سال بعد ریاست میں جوانوں کی تعداد کم ہوجائے گی اور بوڑھوں کی تعداد بڑھ جائے گی۔ اس سے نہ صرف یہ کہ کام کرنے کے  لائق جوان افراد ریاست میں کم ہوجائیں گے بلکہ بزرگ افراد کی دیکھ ریکھ کی وجہ سے ریاست کےبجٹ پر زیادہ بوجھ پڑے گا۔ ایک اور خدشہ یہ بھی ہے آبادی میں کمی کی وجہ سے لوک سبھا میں ان ریاستوں کی سیٹوں میں بھی کمی واقع ہوسکتی ہے۔ یعنی ان ریاستوں کا مرکز کی سیاست میں وزن کم ہوجائےگا۔

    آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرا بابو نائیڈو جو مرکز ی حکومت میں بی جے پی کے اتحادی بھی ہیں،نے زیادہ بچوں والے خاندانوں کو مراعات فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے اور لوگوں  کو زیادہ بچے پیدا کرنے کی ترغیب بھی دی ہے۔ آندھرا پردیش میں یہ قانون ہے کہ دوسے زیادہ بچوں والے مقامی الیکشن نہیں لڑسکتے۔ اب حکومت اس قانون کو بدل کر صرف دو سے زیادہ بچے والوں کو ہی الیکشن لڑنے کا اہل قرار دے گی۔ تازہ اعداد وشمار کے مطابق سال 2047 کے بعد آندھرا پردیش میں نوجوانوں سے زیادہ بوڑھے لوگ ہوجائیں گے۔نائیڈو نے زیادہ بچے پیدا کرنے کو آندھرا پردیش کے لوگوں کی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے اس قوم کے لیے فائدہ منداور معاشرے کی خدمت قرار دیا۔ نائیڈو کے بیان کے چند دن بعد ہی تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے جنوبی ہندوستان کی پارلیمانی نشستوں میں ممکنہ  کمی کا حوالہ دیتے ہوئے 16 بچوں کا ہدف متعین کرنے کی بات کہی۔

    واضح رہے کہ عورت کی تولیدی عمر کے دوران اوسطاً بچے پیدا کرنے کی شرح کو Total Fertility Rate یا ٹی ایف آر کہتے ہیں۔ عمومی طور پرفی عورت 2.1 کی شرح کے بارے میں یہ سمجھا جاتا ہے کہ اس سے کوئی بھی گروہ یا ملک اپنی نسلوں میں افراد کے تناسب کو برقرار رکھ سکتی ہے۔ اس سے کم کا مطلب یہ ہے کہ طویل مدت میں آبادی میں کمی واقع ہوگی الا یہ کہ دوسرے مقامات سے لوگ آکر وہاں آباد ہوجائیں۔  عالمی سطح پر یہ شرح (ٹی ایف آر) 1960 کی دہائی سے مسلسل کم ہو رہی ہے۔ عالمی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق 1950 میں ایک خاتون کے اوسطاً پانچ بچے تھے۔ 2021 تک یہ تعداد 2.2 تک گر گئی ۔ جب کہ سال  2022 میں عالمی طور پر یہ شرح 2.3 ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کا اندازہ ہے کہ یہ شرح سال2050 تک 1.8 تک پہنچ جائے گی اور 2100 تک مزید کم ہو کر 1.6 تک پہنچ سکتی ہے۔

    ہندوستان میں یہ شرح 2022 میں2.01 ریکارڈ کی گئی، جو آبادی کی سطح کو برقرار رکھنے سے قدرے کم ہے۔  عالمی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق یہ شرح 2015۔16 میں 2.2  تھی اور تب سے  مسلسل کم ہورہی ہے ۔ جنوبی ہند کی کئی  ریاستوں میں اب یہ شرح 2.1 سے کافی نیچے ہے۔ صرف تین ریاستیں ۔ بہار، اتر پردیش، اور جھارکھنڈ ۔ ابھی بھی 2.1 کی حد سے اوپر ہیں۔

    شرح پیدائش میں کمی کا اگر یہی رجحان رہا توہندوستان رفتہ رفتہ  عمر رسیدہ  لوگوں کا ملک بن جائے گا۔اندیشہ ہے کہ سال  2050 تک ہر پانچ میں سے ایک شخص کی عمر 60 سال سے زیادہ ہوگی۔ لیکن یہ تناسب  جنوبی ہند میں زیادہ تشویشناک ہوگا۔ اقوام متحدہ کےادارے  پاپولیشن فنڈ (UNFPA) اور انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار پاپولیشن سائنسز (IIPS) کی انڈیا ایجنگ رپورٹ 2023 کے مطابق  آندھرا پردیش، تلنگانہ، کرناٹک، تمل ناڈو اور کیرالہ میں بوڑھے  لوگوں کی آبادی نہ صرف شمالی ہند کی ریاستوں جیسے اتر پردیش ،بہار ، جھارکھنڈ، راجستھان اور مدھیہ پردیش سے زیادہ ہے بلکہ 2021 اور 2036 کے درمیان یہ شرح بہت زیادہ بڑھے گی۔

    آندھرا پردیش میں بوڑھے لوگوں کی آبادی 2021 میں12.3فیصد تھی جو سال 2036 میں 19فیصد ہوجائے گی اور تلنگانہ میں 11فیصد  سے بڑھ کر 17.1فیصد  ہو جائے گی۔ کرناٹک میں یہ  تعداد 11.5فیصد  سے بڑھ کر 17.2فیصد  ہو جائے گی ۔ تمل ناڈو میں یہ اضافہ 13.7فیصد  سے 20.8فیصد  تک ہوگا ۔ جب کہ کیرالہ میں یہ تناسب 16.5فیصد  سے بڑھ کر 22.8فیصد  ہو جائے گا۔

    شمالی ہند میں بھی بزرگوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا لیکن اس کی شرح کم ہوگی۔ مثال کے طور پر آبادی میں بوڑھوں کا تناسب اس دوران اتر پردیش میں 8.1 فیصد  سے بڑھ کر 11.9 فیصد ہوجائے گا۔  بہار میں یہ اضافہ 7.7 فیصد  سے بڑھ کر 11 فیصد ہوجائے گا۔ جھارکھنڈ میں 8.4فیصد  سے 12.2فیصد، راجستھان میں 8.5فیصد  سے 12.8فیصد اور مدھیہ پردیش میں بھی 8.5فیصد  سے 12.8فیصد  تک اضافہ ہونے کا امکان ہے۔یعنی جنوبی ہند میں بزرگوں کا تناسب 2036تک 6۔7فیصد بڑھے گا جب کہ شمالی ہند میں یہ اضافہ تقریبا3۔4فیصد ہوگا۔اسی رپورٹ کے مطابق سال 2036 تک جنوبی ہندوستان میں 100 بچوں کے مقابلے میں 61.7 بزرگ ہوں گے جب کہ دہلی، ہریانہ ، راجستھان، اتراکھنڈ، پنجاب، ہماچل پردیش اور جموں کشمیر میں یہ تناسب 38.9ہوگا۔ اترپردیش، مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں یہ تناسب مزید کم ہوکر 27.8ہوگا۔

    جب کہ جنوبی ریاستوں میں 2036 تک 100 بچوں پر 61.7 بزرگ ہوں گے، جموں و کشمیر، ہماچل پردیش، پنجاب، اتراکھنڈ، ہریانہ، دہلی، راجستھان میں یہ تعداد 38.9 بزرگ فی 100 بچے ہوگی۔جنوبی ہند میں بزرگوں کی تعداد میں اضافہ کا ایک مثبت پہلو یہ بھی ہے کہ وہاں  شمالی ہند کی بہ نسبت لوگ زیادہ عمر تک زندہ رہتے ہیں۔ پورے ملک میں یہ اوسط 68.2 سال ہے جب کہ آندھرا پردیش میں 69.1 سال، کرناٹک میں 67.9 سال، تمل ناڈو میں 71.4 سال اور کیرالہ میں 71.9 سال ہے۔

    جنوبی ہند کی  ریاستوں میں گرتی ہوئی شرح دو اہم وجوہات کی بنا پر تشویش کا باعث بنی ہے۔ ایک  وجہ تو یہ ہے کہ عمررسیدہ آبادی میں اضافہ۔جوان اور کام کرنے والی عمر کی آبادی میں کمی کا مطلب ہے کہ معیشت  بہترنہیں رہے گی۔  بزرگوں کو پنشن اور حفظان صحت کی ضرورت ہوتی ہے اور اس سے اہل خانہ اور ریاست پر مالی بوجھ بڑھتا ہے۔دوسرا مسئلہ سیاسی نمائندگی کا ہے۔ سال 2031 کی مردم شماری کے بعد لوک سبھا کی  نشستوں کی حد بندی آبادی کے لحاظ سے کی جائے گی۔ کم آبادی اور کم شرح نمو والی ریاستوں کی لوک سبھا سیٹیں کم ہوسکتی ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق اگلی مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندی میں آندھرا پردیش کی لوک سبھا سیٹوں میں 5، کرناٹک میں 2، تمل ناڈو میں 9اور تلنگانہ میں 2 لوک سیٹوں کی کمی واقع ہوسکتی ہے۔ جب کہ اترپردیش اور بہار جیسی ریاستوں میں سیٹیں بڑھنے کا امکان ہے۔

    جنوبی ہند کی ریاستوں کی یہ بھی شکایت ہے کہ وہ قومی بجٹ میں زیادہ پیسہ دیتی ہیں لیکن ان کو مرکزی حکومت کی طرف سے کم رقوم ملتی ہے جب کہ شمالی ہند  میں اتر پردیش سمیت کئی ریاستوں کا قومی بجٹ میں تعاون کم ہے لیکن ان کو آبادی کی وجہ سے خرچ کرنے کی رقم زیادہ ملتی ہے۔

    لیکن مسئلہ یہ ہے کہ ہندوستان میں ٹی ایف آر کی شرح بہت تیزی سے کم ہوئی ہے۔ ماہرین کے مطابق 2.1 تک اس شرح کے پہنچنے میں فرانس کو 285 سال لگے، انگلینڈ کو 225 سال جب   کہ ہندوستان میں صرف 45سالوں میں یہ شرح اتنی کم ہوگی۔ ہندوستان کے مقابلے صرف چین میں یہ شرح اور کم وقت میں نیچے گئی اور اس کی وجوہات میں سے چین کی ایک بچہ پیدا کرنے کی بالجبر پالیسی بھی رہی ہے۔

    افزائش نسل ایک فطری عمل ہے ۔ لیکن مغرب کی اندھادھند نقالی نے ہندوستان کو بھی مسائل سے دوچار کردیا ہے۔ اس مسئلے سے یوروپ کے کئی ممالک کے علاوہ ایشیاء میں جاپان ، چین وغیرہ بھی پریشان ہیں، جہاں بوڑھے افراد کی دیکھ بھال کے لیے دوسرے ممالک سے ملازمین کو لانا پڑرہاہے۔ بعض مقامات پر تو صورت حال ایسی ہے کہ ایک ہی بیٹا ہے جو کمانے یا تعلیم کی غرض سے کسی بڑے شہر میں مقیم ہے اور گھر پر بوڑھے والدین کے علاوہ کوئی نہیں ہے۔ بوڑھے اور بیمار والدین  اپنے کھانے پینے اور روزہ مرہ کے معمولات کے لیے ملازمین پر منحصر ہیں۔ اولڈ ایج ہوم کا کلچر بھی اس سے پھل پھول رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس تناسب کے بگڑنے اور آبادی میں کمی کے اندیشے کے کئی عوامل ہیں۔ماضی میں بچیوں کو گلاگھونٹ کر ماردیا جاتا تھا  لیکن بدقسمتی سے 21 ویں صدی میں بھی یہ شرم ناک عمل مختلف طریقوں سے جاری ہے۔ گوکہ ہندوستان میں حمل کے دوران بچے کی جنس معلوم کرنا یا بتانا جرم ہے لیکن اس کے باوجود بھی کئی ریاستوں میں لڑکے اور لڑکیوں کا تناسب صحیح نہیں ہے، یعنی لڑکے زیادہ ہیں اور لڑکیاں کم ہے۔  بہتر تعلیم اور روزگار کے مواقع کی وجہ سے بھی  آبادی میں کمی کا رجحان بڑھا ہے لیکن نام نہاد جدید طرز زندگی، دولت کی حرص،شادی میں تاخیر، شادی کے بغیر رہنا (Live۔in Relationship) وغیرہ نے بھی اس مسئلہ کو کافی بڑھایا ہے۔ طرفہ تماشہ یہ ہے کہ ایشائی ممالک بشمول ہندوستان نے مغرب اور اس کی تہذیب  کی اندھی تقلید میں اپنی تاریخ، تہذیب وثقافت کو فرامو ش کردیا اور   اب وہ   اس کےکڑوے کسیلے پھل کھانے پرمجبور ہے۔

  • ایران پر حملہ: اسرائیل کی مذمت یا حمایت؟

    ایران پر حملہ: اسرائیل کی مذمت یا حمایت؟

    26 اکتوبر کو ایران پر کیے گئے اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد سعودی عرب سمیت خلیج کی چھ ریاستوں کے علاوہ مصر، اردن اور دنیا کے کئی دوسرے مسلم ممالک نے ان حملوں کی مذمت کی۔ ایران کے سرکاری ذرائع کے مطابق ان حملوں میں تہران، ایلام اور خوزستان صوبوں میں فوجی مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ سنیچر کو علی الصبح ہونے والے ان ہوائی حملوں میں سے اکثر کو ایران کی فضائی دفاع نے ناکام بنا دیا لیکن ان حملوں میں ایران کے چار فوجی ہلاک ہوگئے۔

    سعودی عرب نے اسرائیل کا نام لیے بغیر ایران کو "فوجی نشانہ بنانے” کی مذمت کی اور کہا کہ یہ "اسلامی جمہوریہ ایران کی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی” ہے۔ وزارت خارجہ کے ایک بیان میں مملکت نے خطے میں جاری کشیدگی اور تنازعات میں مسلسل اضافے اور تشدد کے پھیلاؤ کے خلاف اپنے "مضبوط موقف” کا اعادہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ یہ "خطے اور اس کے لوگوں کی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ ہے”۔ اس نے تمام فریقین پر "انتہائی درجہ کے تحمل” کا مظاہرہ کرنے اور مزید کشیدگی کو روکنے کے لیے بین الاقوامی کارروائی کرنے پر زور دیا گیا۔

    متحدہ عرب امارات (یو۔ اے۔ ای۔) نے ان حملوں کی "شدید مذمت” کی اور "خطے میں جاری کشیدگی اور اس کے سلامتی اور استحکام پر پڑنے والے اثرات پر گہری تشویش” کا اظہار کیا۔ یو اے ای کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں خطرات کو کم کرنے اور تنازعات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے "انتہائی درجے کے تحمل کی اہمیت” اور "تصادم اور کشیدگی کے بجائے سفارتی ذرائع سے تنازعات کو حل” کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزارت نے اس بات کا اعادہ کیا کہ "بات چیت کو بڑھانا، بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور ریاستی خودمختاری کا احترام موجودہ بحرانوں کے حل کے لیے مثالی بنیادیں ہیں”۔

    مصر نے کہا کہ وہ "ایسے تمام اقدامات کی مذمت کرتا ہے جس سے خطے کی سلامتی اور استحکام کو خطرہ ہو”۔ مشرق وسطیٰ میں تیزی سے بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے مصری حکومت نے "تمام فریقوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے، تشدد کو روکنے اور کسی تباہ کن صورتحال سے بچنے کی اپیل کی”۔ اس نے "سنگین تصادم جو علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کو خطرہ ہے” سے خبردار کیا۔ قاہرہ نے اپنے اس موقف پر بھی زور دیا کہ غزہ میں جنگ بندی ایک معاہدے کے فریم ورک کے اندر فوری طور پر کی جائے "جس کے ذریعے یرغمالیوں کو رہا کیا جائے کیوں کہ  یہ کشیدگی کو کم کرنے کا واحد راستہ ہے”۔

    اردن، شام، لبنان، ترکی، ملیشیا، پاکستان اور افغانستان وغیرہ نے بھی ایران پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی اور  ان حملوں کو خطے میں استحکام کو نقصان پہنچانے کے طور پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ لیکن سعودی عرب، یو۔اے۔ای۔ اور مصر کے اسرائیلی حملوں پر مذمتی بیانات کو کافی معنی خیز سمجھا جا رہا ہے۔ اس لئے نہیں کہ ان کے بیانات میں کیا کہا گیا ہے بلکہ اس لیے کہ ان میں کیا مخفی ہے۔

    عشق قاتل سے بھی، مقتول سے ہمدردی بھی

    تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ ماضی کی طرح اس بار مذمت کی لہر کلی طور پر اسرائیل کے خلاف نہیں ہے بلکہ بہت نپی تلی اور تقریباً غیرجانبدار ہے اور ان علاقائی طاقتوں کے درمیان ایک خاموش تبدیلی کے امکانات کی طرف اشارہ کرتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ان تینوں قریبی ممالک نے ایران کی "خودمختاری” اور مشرق وسطیٰ میں "ڈی اسکیلیشن” (مزید کشیدگی کو روکنے) کا حوالہ دیتے ہوئے اسرائیل کی سراسر مذمت کرنے کے بجائے علاقائی استحکام کو لاحق وسیع تر خطرات پر زور دینے کا انتخاب کیا ہے۔

    سعودی عرب کا نرم لہجہ

    سعودی عرب اس بار اسرائیل کی براہ راست مذمت کرنے سے کترایا ہے اور اس نے اسرائیل کا نام لیے بغیر ایران کو "فوجی نشانہ بنانے” کی مذمت کی ہے۔ ریاض نے اپنے بیان میں ایران پر حملوں کو "اسلامی جمہوریہ ایران کی خود مختاری کی خلاف ورزی” کے طور پر بیان کرتے ہوئے خطے کے ممالک (جن میں اسرائیل بھی شامل ہے) اور لوگوں کی سلامتی اور استحکام پر زور دیا ہے۔ ایک دہائی پہلے سعودی عرب کا بیان شاید زیادہ سخت ہو سکتا تھا لیکن اس کا موجودہ موقف ایک محتاط calibration (تعین کے عمل اور طریقہ کار) کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ موقف ایران کی خود مختاری کو تسلیم کرنے اور اسرائیل کے علاقائی سلامتی کے اقدامات کے بارے میں مضمر رواداری کے درمیان توازن کی طرف ایک اشارہ ہے۔ سعودی عرب کا جچا تلا لہجہ ایک اسٹریٹجک تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے جو مملکت کو ایران کے اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنے کے لیے اسرائیل کے ساتھ اپنی دیرینہ، غیر سرکاری صف بندی کو برقرار رکھتے ہوئے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی راہ فراہم کرتا ہے۔ سعودی عرب کے مذمتی بیان کی زبان، جو کہ بالکل حمایتی اور محتاط تنقیدی ہے، اسرائیل کو مکمل طور پر الگ تھلگ کرنے سے بچنے کے ارادے کو ظاہر کرتی ہے۔

    متحدہ عرب امارات کی متوازن احتیاط

    یو۔اے۔ای۔ کے مذمتی بیان میں اسرائیل کو لتھاڑنے کے بجائے "مذاکرات کی اہمیت اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری” کو اجاگر کیا گیا ہے اور تصادم کی بجائے سفارت کاری کی طرف ردعمل کو لطیف انداز میں آگے بڑھانے کی بات کہی گئی ہے۔ تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ جملوں کا یہ انتخاب یو۔اے۔ای۔ کے وسیع تر سفارتی فلسفے اور معاہدہ ابراہیمی کے ذریعے اسرائیل کے ساتھ اقتصادی اور سیکورٹی تعاون کی طرف اس کے حالیہ اقدامات سے مطابقت رکھتا ہے۔

    مصر کی سفارتی حقیقت پسندی

    مصر کے ردعمل نے اس لطیف سفارت کاری کو ایک قدم آگے بڑھا دیا ہے۔ یہ ایک ایسا بیان ہے جو غزہ اور لبنان کے وسیع تر مسائل پر آسانی سے لاگو ہو سکتا ہے۔ مصر نے "سنگین تصادم جو علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کو خطرہ ہے” سے خبردار کیا اور متعدد محاذوں پر "فوری جنگ بندی” پر زور دیا۔ اس طرح اس نے ایک وسیع جال ڈال کر مؤثر طریقے سے دنیا کی توجہ اسرائیلی حملوں سے ہٹا کر خطے کے مجموعی استحکام کی طرف منتقل کر دی۔ مصر کے عملی اور نپے تلے الفاظ ایک دیرینہ علاقائی ثالث کے طور پر اس کے کردار کی عکاسی کرتے ہیں جو اپنی سرحدوں کے ساتھ امن کو برقرار رکھنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔

    مصر کا توازن عمل اس کی منفرد جغرافیائی-سیاسی پوزیشن کا عکاس ہے۔ اس ملک نے طویل عرصے سے اسرائیل-فلسطین کی حرکیات کی پیچیدگیوں سے نمٹا ہے اور تنازعات میں اضافے کے کسی بھی ایسے خطرے کو روکنے کی کوشش کی ہے جو اس کی اپنی سرحدوں کو غیر مستحکم کر سکتا ہے۔ مصر کے بیان میں "علاقائی سلامتی” پر وسیع تر توجہ کو ہدف ملامت سے زیادہ اجتماعی استحکام کے مطالبے کے طور پر پڑھا گیا ہے۔

    مشرق وسطیٰ میں ایک خاموش تبدیلی؟

    سعودی عرب، یو۔اے۔ای۔ اور مصر کے احتیاط سے الفاظ کے یہ جوابات اسرائیل کو الگ تھگ کرنے سے گریز کرتے ہیں اور لہجے میں تبدیلی سے بڑھ کر پورے خطے میں اسٹریٹجک ری الائنمنٹ کا اشارہ دیتے ہیں۔ تینوں ممالک اب بھی فلسطینی کاز کی حمایت کرتے ہیں اور مسلم اتحاد کو برقرار رکھنے کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں، لیکن ان کی موجودہ ترجیحات ایران کے علاقائی اثر و رسوخ کو روکنا، اقتصادی استحکام کو فروغ دینا اور اپنی سرحدوں کے اندر سلامتی کو فروغ دینا ہے۔

     

    سعودی عرب، یو۔اے۔ای اور مصر کی طرف سے اسرائیل کی اس "حمایتی مذمت” سے پتہ چلتا ہے کہ شاید یہ تینوں ممالک زیادہ اہم پوزیشن کے خواہاں ہیں، ایک ایسی پوزیشن جو اسرائیل کے دفاعی موقف کو ایڈجسٹ کرتی ہو، یا کم از کم اسے رواداری کا درجہ فراہم کرتی ہو۔

    گزشتہ سالوں میں ایران پر اسرائیلی حملے کی وجہ سے عرب دنیا کی طرف سے متحدہ اور کھل کر مذمت کا آغاز ہوا ہوگا، لیکن آج یہ جچے تلے جوابات اس بات کا اشارہ دیتے ہیں کہ مشترکہ مفادات کے حق میں سابقہ نااتفاقی دھیمی پڑ رہی ہے۔ ایران کے اثر و رسوخ سے طویل عرصے سے محتاط رہنے والے یہ ممالک تہران کے علاقائی عزائم کے خلاف اسرائیل کے کردار کو خاموشی سے تسلیم کرتے نظر آتے ہیں۔ اسرائیل کے حامیوں کے لیے یہ لطیف تبدیلی مستقبل میں ایک یقین دہندہ جھلک فراہم کرتی ہے، ایک ایسی تبدیلی جس میں عرب پڑوسی اسرائیل کو نہ صرف حریف کے طور پر بلکہ علاقائی استحکام کو برقرار رکھنے میں ایک ممکنہ شراکت دار کے طور پر دیکھنا شروع کر رہے ہیں۔

  • دنیا پر کمزور پڑتی امریکی گرفت اور برکس

    دنیا پر کمزور پڑتی امریکی گرفت اور برکس

    سرد جنگ کے بعد واحد سپر پاور بننے والے امریکہ نے جس طرح بد مست ہاتھی کی طرح دنیا، بالخصوص اسلامی ممالک پر جنگیں مسلط کیں اور15 لاکھ بے گناہ مسلمانوں کے خون نا حق سے ہاتھ رنگے اس کے بعد اسلامی دنیا بشمول دنیا کے کمزور ممالک کرہ ارض پر پناہ کی تلاش میں تھے۔ بے چینی اور مایوسی کے عالم میں چین ایک مضبوط معیشت بن کر ابھرا تو امریکہ کے دئے زخم چاٹ رہی دنیا نے چین اور روس کی جانب دیکھنا شروع کیا۔ چین نے اقوام عالم کو مشترکہ ترقی اور تنازعات سے خود کو دور رکھتے ہوئے جہاں بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے تحت دنیا بھر کے ممالک کو معاشی بنیادوں پر جوڑنے کی کوشش کی وہاں روس کے ساتھ مل کر برکس اور شنگھائی تعاون جیسی تنظیموں کے ذریعے ترقی پذیر ممالک پر باہمی اختلافات پس پشت رکھ کر معاشی و تجارتی تعاون کے فروغ کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔چین کے باہمی ترقی کے ایجنڈے کی تیسری دنیا کے ممالک میں پذیرائی دیکھ پر امریکی ملٹری انڈسٹریل کمپلکس کو اپنے جنگی سامان کی مارکیٹ سکڑتی ہوئی نظر آنے لگی تو امریکہ نے ابھرتی طاقتوں کو کاؤنٹر کرنے کے لئے روس کو یوکرین جنگ میں گھسیٹ لیا تو تائیوان کے علیحدگی پسندوں کو عسکری اور مالی مدد فراہم کر کے چین کی وحدت کے لئے سنگین خطرہ کھڑا کرنا شروع کر دیا۔ایس سی او اور برکس میں افریقی اور عرب ممالک سمیت دنیا کی بڑھتی دلچسپی کے آگے بند باندھنے کے لئے معاشی پابندیوں کو بطور ہتھیار استعمال کیا جانے لگا۔

    امریکہ کی دنیا کو اپنے شکنجہ میں جکڑنے کی کوششوں کے باوجود کمزور ممالک اپنے معاشی مفادات اور سلامتی کے لئے چین اور روس کی جانب دیکھ رہے ہیں اور حتی المقدور امریکی چنگل سے نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ چین اور روس کی امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو براہ راست چیلنج کیے بغیر کمزور ممالک کے معاشی اور سٹریجک تحفظ کے لئے خاموشی سے کوششیں حالیہ ایس سی او سمٹ اور برکس کے قازان اعلامیہ کے اہم نکات کی صورت میں دیکھی جا سکتی ہیں ۔ قازان اعلامیہ میں چین اور روس نے باہمی تجارت کے ذریعے مشترکہ ترقی کا وژن دنیا کے سامنے رکھا اور اپنے مخالفین سے کچھ مطالبے ان الفاظ میں بھی کئے ۔ ’’ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ تمام ریاستوں کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کے ساتھ مکمل طور پر اور باہمی تعلق کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔‘‘

    اسی طرح غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کے بارے میں اعلامیہ میں کہا گیا ہے”ہم مقبوضہ فلسطینی علاقے میں حالات کی خرابی اور انسانی بحران پر اپنی شدید تشویش کا اعادہ کرتے ہیں ۔اسرائیلی فوجی حملے جن کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر عام شہری ہلاک اور زخمی ہوئے، جبری نقل مکانی اور شہری بنیادی ڈھانچے کی وسیع پیمانے پر تباہی کی پر زور مذمت کرتے ہیں‘‘۔ ’’ہم لبنان میں رہائشی علاقوں میں اسرائیل کے حملوں کے نتیجے میں شہریوں کی جانوں کے ضیاع اور شہری بنیادی ڈھانچے کو ہونے والے بے پناہ نقصان کی مذمت کرتے ہیں اور فوجی کارروائیوں کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں‘‘۔

    اعلامیہ میں امریکی دھونس کو دنیا پر مسلط کرنے کے لئے استعمال کی جانے والی مغربی پابندیوں کے ہتھیار کو بھی خاص طور پر ان الفاظ میں موضوع بنایا گیا۔’’ہمیں عالمی معیشت، بین الاقوامی تجارت اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول پر غیر قانونی یک طرفہ جبر کے اقدامات، بشمول غیر قانونی پابندیوں کے تباہ کن اثرات پر گہری تشویش ہے۔‘‘

    یہی نہیں اعلامیہ میں پابندیوں کے تباہ کن اثرات کو زائل کرنے کے لئے اصلاحات کا مطالبہ بھی کیا گیا۔’’ہم بین الاقوامی مالیاتی ڈھانچے کو مزید جامع اور منصفانہ بنانے کے لیے عالمی مالیاتی نظام سمیت عالمی مالیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے موجودہ بین الاقوامی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاح کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔ ہم روسی فریق کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہیں جس کا مقصد برکس کے اندر اجناس کا تجارتی پلیٹ فارم قائم کرنا اور بعد میں اسے دیگر زرعی شعبوں تک پھیلانے سمیت ترقی دیناہے۔ہم تجارتی رکاوٹوں کو کم کرنے اور غیر امتیازی رسائی کے اصول پر بنائے گئے تیز، کم لاگت، زیادہ موثر، شفاف، محفوظ اور جامع سرحد پار ادائیگی کے نظام کے وسیع فوائد کو تسلیم کرتے ہیں۔ ہم مالیاتی لین دین میں مقامی کرنسیوں کے استعمال کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ہم برکس انٹربینک کوآپریشن میکانزم (ICM) کا خیرمقدم کرتے ہیں جو کہ مقامی کرنسیوں میں فنانسنگ کے قابل قبول میکانزم کو تلاش کرنے سمیت منصوبوں اور پروگراموں کے لیے جدید مالیاتی طریقوں اور نقطہ نظر کو آسان بنانے اور بڑھانے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔”

    اعلامیہ کے متن کو پڑھ کر یہ سمجھنے میں آسانی ہوتی ہے کہ سکیورٹی اور ترقیاتی ایجنڈوں میں واضح توازن موجود ہے۔ یہ توازن بتاتا ہے کہ گروپ نے جان بوجھ کر اپنے وسیع مینڈیٹ کو برقراررکھا ہے اور اپنی مستقبل کی سرگرمیوں کو ایک چیز تک محدود نہیں کرے گا۔ مثال کے طور پر،گروپ کے اراکین کے درمیان تجارت کو فروغ دیناایک تنگ، موضوعاتی نقطہ نظر کو اپنانے کے بجائے، برکس خود کو عالمی نظم و نسق کی ایک کثیر الجہتی تجربہ گاہ کے طور پر کھڑا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جہاں کثیر الجہتی تعاون کے نئے الگورتھم اور دنیا کے بڑے اقتصادی اور سیاسی مسائل کے حل کے لیے جدید ماڈلز بشمول تجارت، مالیات اور اسٹریٹجک استحکام کا تجربہ کیا جا سکتا ہے ۔ اس طرح گروپ کی سیاسی سرمایہ کاری پورٹ فولیو’ متنوع سے زیادہ ہے، اور یہ تنوع اس کی کامیابی کے امکانات کو بڑھاتا ہے۔

    اس وقت امریکہ کی دنیا پر اجارہ داری کا انحصار ڈالر کے ذریعے عالمی تجارت اور عالمی مالیاتی نظام کا امریکہ کے زیر نگین ہونے پر ہے ۔ امریکہ کی تجارت پر اجاداری اس کی عسکری طاقت سے زیادہ دنیا کے لئے تباہ کن ثابت ہو رہی ہے۔چین اور روس عالمی تجارت کو امریکہ کی گرفت سے چھڑانے کے لئے نیا عالمی نظام متعارف کروا چکے ہیں۔ برکس کے حالیہ اجلاس میں ڈالر کے مقابلے دنیا کے لئے نئی کرنسی برکس کی رونمائی بھی کر دی گئی۔ ایک برکس بیس امریکی ڈالر کے برابر ہونا اس بات کی نوید ہے کہ دنیا کو اب امریکہ کے جابرانہ تسلط سے آزاد ہونے میں زیادہ دیر نہیں لگے گی۔

  • ’دریا سے سمندر تک‘ــــ فلسطین

    ’دریا سے سمندر تک‘ــــ فلسطین

    میں ’پین برطانیہ‘ اور جیوری کے اراکین کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ مجھے اس سال ’پین پنٹر‘ ایوارڈ کا حق دار قرار دیا گیا۔ اپنی گفتگو کا آغاز اس ’مینارۂ جرأت‘ کے نام سے کروں گی، جن کے ساتھ میں نے اپنا ایوارڈ بانٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔ علاء احمد عبدالفتح اس ایوارڈ میں میرے شریک ہیں۔ ہم پُرامید تھے اور دُعاکر رہے تھے کہ آپ اس سال ستمبر میں آزاد ہوں گے، لیکن مصر کی حکومت نے آخرکار یہی فیصلہ کیا کہ آپ اتنے ’شان دار‘ مصنّف اور ایسے ’خطرناک‘ مفکر ہیں کہ آپ کو آزاد کرنے کا خطرہ مول نہیں لیا جا سکتا۔ لیکن  آج اس ہال میں آپ ساتھ ہیں اور  یہاں پر موجود لوگوں میں سب سے اہم ہیں۔ آپ نے جیل خانے سے لکھ بھیجا ہے کہ ’’میرے الفاظ اثر کھو چکے ہیں، لیکن میں لکھ رہا ہوں ۔اگرچہ سننے والے چند ہی ہیں اور میں بول رہا ہوں ‘‘۔

    ہم سن رہے ہیں علاء، بہت غور سے!

    آپ سب جو یہاں آئے ہیں، آپ سب کو میرا سلام اور ان کو بھی جو حاضرین کو تو شاید نظر نہ آئیں، لیکن میری نظریں انھیں بالکل ایسے ہی دیکھ رہی ہیں، جیسے یہاں پر موجود لوگوں کو۔ میرا اشارہ ہندستانی جیلوں میں قید میرے دوستوں اور ساتھیوں کی طرف ہے، جن میں وکیل بھی ہیں، اور اساتذہ بھی، طلبہ بھی ہیں اور صحافی بھی۔ میں عمر خالد، گل فشاں فاطمہ، خالد سیفی، شرحبیل امام، رونا ولسن، سریندرا گیڈلنگ، مہیش راوت کی بات کر رہی ہوں۔ خرم پرویز میرے دوست! میں تم سے مخاطب ہوں۔ تم انتہائی خوب صورت لوگوں میں سے ایک ہو، لیکن جیل کی دیواروں نے تمھیں تین سال سے اپنے حصار میں لے رکھا ہے۔ عرفان مہراج میں تمھیں بھی یاد کر رہی ہوں اور ان ہزاروں خاک نشینوں کو بھی جو کشمیر یا ملک بھر کی جیلوں میں قید، متاعِ حیات لٹا رہے ہیں۔

    جب پین برطانیہ کی مہتمم اور پنٹر جیوری کی رکن، رُتھ بورتھویک نے اس اعزاز سے متعلق پہلی بار مجھ سے بات کی تو انھوں نے لکھا تھا کہ ’پنٹر پرائز‘ (Pinter Prize)ایسے مصنّفین کو دیا جاتا ہے جو ’’اٹل سچائی، غیرمتزلزل (unflinching)اور فکری عزم کے ساتھ ہماری زندگی اور معاشرے کی اصل حقیقتوں‘‘ کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔یہ بات ہرلڈ پنٹر نے نوبیل انعام کے حصول کے وقت تقریر میں کہی تھی۔

    ’غیر متزلزل‘ کے لفظ نے مجھے سوچ میں ڈال دیا کیوں کہ میں خود ہمیشہ متزلزل رہتی ہوں۔  میں ان دو الفاظ اٹل سچائی اور غیر متزلزل پر کچھ مزید بات کرنا چاہوں گی۔اس لفظ کی شاید سب سے بہتر وضاحت ہیرلڈ پنٹر نے ہی کی تھی:

    "میں 1980ء کے عشرے میں لندن کے امریکی سفارت خانے میں موجود تھا۔ امریکی کانگریس، ریاست نکاراگوا کے خلاف سرگرم مسلح باغیوں ‘کونٹراز‘ (Contras) کو مزید رقم کی فراہمی کے متعلق فیصلہ کرنے والی تھی۔ میں نکاراگوا کے نمائندہ وفد میں شامل تھا، لیکن ہمارے وفد کا اہم ترین حصہ ایک پادری جان میٹکاف تھے۔ امریکی کمیٹی کے سربراہ ریمنڈ سیٹز (Raymond Seitz) تھے (جو اس وقت نائب سفیر تھے، اور بعد میں سفیر بنے)۔پادری میٹکاف نے کہا،’جناب میں شمالی نکاراگوا کے ایک مذہبی حلقے کا منتظم ہوں۔ وہاں اہل علاقہ نے مل کر ایک اسکول، شفاخانہ اور پنچایت گھر تعمیر کیا تھا۔ ہم امن وسکون کے ساتھ رہتے آئے ہیں، لیکن کچھ مہینے پہلے باغیوں نے حملہ کر کے اسکول، شفاخانہ اور پنچایت گھر سمیت ہر چیز تباہ کر دی۔ انھوں نے نرسوں اور استانیوں کی آبروریزی کی اور ڈاکٹروں کو انتہائی دردناک طریقے سے ذبح کردیا۔ ان کا رویہ بالکل وحشیانہ تھا۔ آپ براہ مہربانی امریکی انتظامیہ سے درخواست کریں کہ وہ ان دہشت گردوں کی حمایت سے پیچھے ہٹ جائے۔

    ریمنڈ سیٹز ایک سلجھے ہوئے آدمی کے طور پر جانے جاتے تھے۔ سفارتی حلقوں میں ان کی بڑی عزّت تھی۔ انھوں نے یہ بات سنی، کچھ دیر خاموش رہے اور پھر گہری آواز میں بولے: ’پادری صاحب! آج میں آپ کو کچھ بتاتا ہوں۔ معصوم لوگ ہمیشہ سے جنگ کا ایندھن بنتے آئے ہیں۔‘ برف جیسی منجمد خاموشی کے ساتھ، ہم ان کی طرف دیکھتے رہے لیکن سفیر صاحب ذرا بھی ’متزلزل‘ نہ ہوئے۔

    یاد رہے امریکی صدر رونالڈ ریگن ان باغیوں کو’اخلاقی طور پر امریکی بانیانِ قوم کے ہم پلّہ‘ قرار دے چکے تھے اور یہ اصطلاح انھیں خاصی پسند تھی۔ انھوں نے افغان مجاہدین کے لیے بھی یہی اصطلاح استعمال کی تھی، جو پھر طالبان بن گئے۔ یہی طالبان امریکی قبضے کے خلاف بیس سالہ جنگ لڑنے کے بعد آج افغانستان میں حکمران ہیں۔ ان سے پہلے ایک جنگ ویت نام کی بھی تھی، جہاں پر وہی ’غیر متزلزل‘ امریکی نظریہ کارفرما تھا، جس کے تحت سپاہیوں کو کھلی اجازت تھی کہ ’ہر متحرک شے کو قتل کردو‘۔

    اگر آپ ویت نام میں امریکی جنگ کے اہداف سے متعلق ’پینٹاگون پیپرز‘ اور دیگر دستاویزات کا مطالعہ کریں تو آپ کو نسل کشی سے متعلق کئی مباحث میں یہ ’غیر متزلزل‘ عزم نظر آئے گا۔ ’لوگوں کو سیدھا سیدھا قتل کر دیا جائے یا انھیں آہستہ آہستہ بھوک پیاس سے سسکا سسکا کر مارا جائے؟ دیکھنے میں زیادہ اچھا کیا لگے گا؟ پینٹاگون میں موجود مینڈرینوں کا مسئلہ یہ تھا کہ ان کے بقول امریکی جو ’زندگی، خوش حالی، دولت اور طاقت ‘کے خواہش مند ہیں، ان کے برعکس ایشیائی لوگ ’بڑے پُرسکون طریقے سے املاک کی تباہی اور جانی نقصان کو قبول کر لیتے ہیں‘۔ جس کی وجہ سے امریکی مجبور ہوجاتے ہیں کہ ’اپنے اسٹریٹجک اہداف کو منطقی انجام یعنی نسل کشی تک پہنچا سکیں‘۔

    کون اتنا بھاری وزن بغیر ’متزلزل‘ ہوئے اٹھا سکتا ہے؟

    آج اتنے سال گزرنے کے بعد ہم دیکھ رہے ہیں کہ سال بھر سے ہمارے سامنے ایک اور نسل کشی (Genocide) جاری ہے۔ امریکہ  اور اسرائیل نسلی عصبیت کی بنیاد پر قائم نوآبادیاتی قبضے کو بچانے کے لیے غزہ اور لبنان میں اپنی ’غیر متزلزل‘ نسل کشی جاری رکھے ہوئے ہیں، جو ٹیلی ویژن پر براہِ راست دکھائی جا رہی ہے۔ اب تک سرکاری اعدادوشمار کے مطابق 42ہزار لوگ جاں بحق ہوچکے ہیں، جن میں سے اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے۔ ان میں ابھی وہ شامل نہیں، جن کی چیخیں کسی عمارت، محلے، بلکہ پورے شہر کے ملبے تلے دبی رہ گئیں اور جن کی باقیات کو ابھی ملبہ کھود کر نکالنا اور لاشوں کی گنتی میں شمار کرنا باقی ہے۔ ’آکسفام‘ (Oxfam)کی حالیہ تحقیق کے مطابق گذشتہ بیس برس کی کسی بھی جنگ کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ بچے غزہ میں مارے جا چکے ہیں۔

    نازی جرمنی کے ہاتھوں یورپی یہودیوں کی نسل کشی کے وقت لاتعلق رہنے والے امریکہ  و یورپ نے اپنے جذبۂ جرم کی تسکین کے لیے ایک اور نسل کشی کا میدان سجا دیا ہے۔

    تاریخ میں نسل کشی کی مرتکب ہونے والی ہر ریاست کی طرح اسرائیلی صہیونیوں نے بھی جو خود کو اللہ کے چنیدہ لوگ سمجھتے ہیں، فلسطینیوں کے قتل عام اور ان کی زمینوں پر قبضے سے پہلے ان کو انسانی مرتبے سے گرانے کی کوشش کی:

    • سابق اسرائیلی وزیر اعظم مناخم بیگن نے فلسطینیوں کو ’دو ٹانگوں والے درندے‘ قرار دیا۔
    • سابق اسرائیلی وزیراعظم اسحق رابن کے مطابق فلسطینی ’ٹڈیوں‘ کی مانند ہیں ’جنھیں کچلا جا سکتا ہے‘۔
    • گولڈامیئر نے فلسطینیوں کے انسانی وجود کا ہی انکار کرتے ہوئے کہا: ’فلسطینی نام کی کوئی مخلوق وجود نہیں رکھتی‘۔
    • فسطائیت کے خلاف لڑنے کی شہرت رکھنے والے مشہور سورما برطانوی وزیراعظم ونسٹن چرچل کا کہنا تھا کہ ’میں نہیں مان سکتا کہ کوئی کتا کھولی کا مالک بن سکتا ہے، چاہے جتنا عرصہ بھی وہ اس میں لیٹا رہے۔ کھولی کی حتمی ملکیت ایک ’اعلیٰ نسل‘ کے پاس ہی رہے گی‘۔

    چنانچہ ان ’دو ٹانگوں والے درندوں‘، ’ٹڈیوں‘، ’کتوں‘ اور ’عدم موجود لوگوں‘ کو قتل کرنے، کونوں کھدروں میں دھکیلنے اور ان کی ’نسل کشی‘ کے بعد ایک نیا ملک قائم کیا گیا: اسرائیل۔ خوشی سے نعرے لگائے گئے کہ ’بے وطن قوم کو بے آباد وطن مل گیا۔‘امریکہ  و یورپ نے ایٹمی ہتھیاروں سے لیس اسرائیلی ریاست کو مشرق وسطیٰ کی دولت اور وسائل پر قبضے کے لیے اپنی چھاؤنی کے طورپر استعمال کیا۔ اسے کہتے ہیں ’مفادات کا حسین امتزاج!‘

    چنانچہ، ہر جرم کے باوجود، اس نئی ریاست کی ’غیر متزلزل‘ اور ’بے جھجک‘ مدد کی گئی، اسے مسلح کیا گیا اور اس کی جیبیں بھری گئیں، اس کے نازنخرے اٹھائے گئے اور سراہا گیا۔ یہ ریاست اس بگڑے ہوئے بچّے کی طرح پروان چڑھائی گئی، جو امیر گھر میں پیدا ہو اور والدین اس کے ہرظلم و زیادتی پر فخر سے مسکراتے رہیں۔ چنانچہ آج اگر اسرائیلی فلسطینیوں کی نسل کشی پر کھلے عام فخر کرتے دکھائی دیتے ہیں تو حیرت کیسی؟(’پینٹاگون پیپرز‘ کو کم از کم خفیہ رکھا گیا تھا۔ یاد رہے کہ انھیں چُرا کر شائع کیا گیا)۔ اگر اسرائیلی سپاہی تہذیب کے تمام تقاضے فراموش کر چکے ہیں تو کیسا تعجب؟

    کیا یہ کوئی اَنہونی بات ہے کہ آج خواتین کو قتل یا بےگھر کرنے کے بعد ان کے زیریں جامے پہن کر گھٹیا وڈیوز سوشل میڈیا پر ڈالی جا رہی ہیں اور اسرائیلی فوجی، اپنے ہاتھوں مرتے ہوئے فلسطینیوں، زخمی بچوں اور آبروریزی و گھناونےتشدد کا شکار ہونے والے قیدیوں کی نقلیں اُتارتے دکھائی دیتے ہیں؟آپ کو ایسی وڈیوز بھی مل جائیں گی کہ اسرائیلی فوجی سگریٹ کا دھواں اُڑاتے یا موسیقی کی دھنوں پر ناچتے ہوئے عمارتوں کو بارود سے اڑاتے چلے جاتے ہیں۔ یہ کون لوگ ہیں؟

    اسرائیل کی ان حرکتوں کا کیا جواز ہوسکتا ہے؟

    اسرائیل اور اس کے اتحادیوں اور مغربی ذرائع ابلاغ کے مطابق:’یہ جواب ہے 7؍اکتوبر 2023ء کو حماس کے اسرائیل پر حملے، اسرائیلی شہریوں کا قتل اور اغوا کا‘۔

    اب یہ گفتگو کا وہ حصہ ہے جہاں مجھ سے توقع کی جائے گی کہ میں اپنی حفاظت کے پیش نظر، اپنی غیر جانب داری اور دانش وَرانہ صلاحیتوں کو ثابت کرنے کے لیے فریقین کو برابر ثابت کروں۔اپنی اخلاقی غیر جانب داری ثابت کرنے کے لیے اب مجھے حماس اور غزہ کی دیگر مسلح تنظیموں، لبنان اور حزب اللہ کی مذمت کرنی ہو گی کہ انھوں نے شہریوں کو قتل و اغوا کیا۔ پھر مجھے غزہ کے شہریوں کو بھی ڈانٹنا پڑے گا کہ وہ حماس کے حملے پر خوش کیوں ہوئے؟ یہ سب کرنے کے بعد ہر شے آسان ہو جاتی ہے۔ چھوڑیں جی دفعہ کریں، جب سب ایک جیسے ہیں تو ہم کیا کر سکتے ہیں؟

    لیکن میں اس مذمتی کھیل کا حصہ نہیں بنوں گی۔ میرا نقطۂ نظر بڑا واضح ہے۔ مظلوم خود پر ہونے والے ظلم کے خلاف مزاحمت کیسے کرے اور اس کا اتحادی کون ہو، یہ فیصلہ کرنا میرا کام نہیں۔

    امریکی صدر جو بائیڈن نے 2023 میں دورۂ اسرائیل کے دوران اسرائیلی وزیراعظم اور جنگی کابینہ سے ملاقات کرتے ہوئے کہا تھا: ’صہیونی ہونے کے لیے یہودی ہونا ضروری نہیں۔ میں بھی صہیونی ہوں‘۔

    صدر بائیڈن کے برخلاف جو خود کو ‘غیر یہودی صہیونی‘ سمجھتے ہیں اور بالکل ’غیر متزلزل‘ طریقے سے جنگی جرائم کے لیے اسرائیل کو ہتھیار اور پیسہ فراہم کر رہے ہیں، اُنھیں دیکھتے ہوئے میں خود کو کسی ایسے خول میں محدود نہیں کروں گی، جس میں میرے لکھے ہوئے الفاظ نہ سما سکیں۔ میں وہی ہوں جو میں لکھتی ہوں اور وہی لکھتی ہوں، جو سو چتی اور دیکھتی ہوں۔

    مجھے اس حقیقت کا پوری طرح احساس ہے کہ بطور ایک مصنف، بطور ایک غیر مسلم اور بطور ایک خاتون، میرا حماس، حزب اللہ یا ایرانی حکومت کے زیر اثر زندہ رہنا بہت مشکل یا شاید ناممکن ہو۔ لیکن فی الوقت یہ ہمارا موضوع ہی نہیں ہے۔ ہمیں اس تاریخ اور سیاق و سباق کو سمجھنا ہوگا، جس کے تحت یہ گروہ وجود میں آئے۔ فی الوقت اہم بات یہی ہے کہ یہ سب ایک نسل کشی کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں۔ ہمیں خود سے یہ پوچھنا چاہیے کہ آیا کوئی لبرل اور سیکولر فوج، نسل کشی کے اس بدمست ہاتھی کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے؟ کیوں کہ  جب دنیا کی تمام طاقتیں ایک قوم کے خلاف ہوں تو وہ اپنے دفاع کے لیے خدا سے رجوع نہ کرے تو کیا کرے؟

    مجھے معلوم ہے کہ ایرانی حکومت اور ’حزب اللہ‘ کے بہت سے ناقدین ان کے اپنے ملکوں میں بھی موجود ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ بہت سے جیلوں میں اس سے بھی برے حالات کا سامنا کر رہے ہوں۔ مجھے یہ بھی معلوم ہے کہ حماس کے کچھ اقدامات جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں، مثلاً 7؍اکتوبر کو عام شہریوں کا قتل و اغوا لیکن پھر بھی اس کا موازنہ اس سب سے نہیں کیا جاسکتا، جو اسرائیل اور امریکہ  غزہ، مغربی کنارے اور اب لبنان میں کر رہے ہیں۔ فلسطینی زمینوں پر اسرائیلی قبضہ اور فلسطینیوں کی غلامی 7؍اکتوبر سمیت اس سارے فساد کی جڑ ہے۔ یاد رکھیے، اس مسئلے کا آغاز 7؍اکتوبر 2023ء کو نہیں ہوا۔

    میں یہاں اِس ہال میں موجود تمام سامعین سے یہ سوال پوچھتی ہوں کہ ہم میں سے کتنے اس ذلت آمیز زندگی کو قبول کرنے پر رضامند ہوں گے، جو فلسطینی کئی عشروں سے گزار رہے ہیں؟ کون سے پُرامن راستے ہیں، جو فلسطینیوں اور ان کی قیادتوں نے نہیں آزمائے؟ گھٹنوں کے بل گر کر مٹی چاٹنے کے علاوہ کون سا سمجھوتہ ہے، جو انھوں نے قبول نہیں کیا؟

    اچھے سے سمجھ لیجئے اور جان لیجیے کہ اسرائیل اپنے دفاع کی کوئی جنگ نہیں لڑ رہا ہے، بلکہ  اسرائیل جارحیت مسلط کرنے کی لڑائی لڑ رہا ہے تا کہ مزید فلسطینی زمینوں پر قبضہ کر سکے، اپنی نسلی عصبیت کے نظام کو مزید مضبوط کر سکے اور فلسطینی عوام اور خطے پر اپنی گرفت مضبوط تر کر سکے۔

    7؍ اکتوبر سے جاری جنگ میں ہزاروں لوگوں کو جان سے ماردینے کے ساتھ ساتھ اسرائیل، غزہ کی اکثریتی آبادی کو کئی دفعہ دربدر کر چکا ہے۔ اس نے ان کے ہسپتالوں پر حملے کیے ہیں۔ ڈاکٹروں، امدادی کارکنوں اور صحافیوں کو جان بوجھ کر نشانہ بناتے ہوئے قتل کیا ہے۔ ایک پوری قوم کو بھوکوں مارا جا رہا ہے کہ ان کی تاریخ ہی مٹ جائے۔ دنیا کی امیر ترین اور طاقت ور ترین حکومتیں اور ان کے ذرائع ابلاغ اخلاقی و مادی سطح پر پوری طرح ان سارے مظالم میں شامل ہیں۔ ان میں میرا وطن ہندستان بھی شامل ہے، جو اسرائیل کو ہتھیار اور ہزاروں کارکن فراہم کرتا ہے۔

    یہ سب ممالک اسرائیل کے ساتھ یک جان دو قالب ہوچکے ہیں۔ گذشتہ صرف ایک سال میں امریکہ  اسرائیل کو17.9 بلین ڈالر کی فوجی امداد بھیج چکا ہے۔ چنانچہ اب مناسب ہے کہ امریکی اس جھوٹ کا لبادہ اتار دیں کہ وہ ’ثالث ہیں‘، ’جنگ کے مخالف ہیں‘ ،یا جیسا کہ انتہائی بائیں بازو کا حصہ سمجھی جانے والی الیکسینڈرا اوکاسیو کورٹیز کا کہنا ہے کہ ’ہم جنگ بندی کے لیے سر توڑ کوششیں کررہے ہیں‘۔ مَیں برملا کہوں گی کہ جو فریق بذاتِ خود نسل کشی میں شامل ہو وہ ہرگز ثالث نہیں ہوسکتا۔

    دنیا کی ساری طاقت، سارا پیسہ، سارے ہتھیار اور سارا پروپیگنڈا مل کر بھی اس زخم کو چھپا نہیں سکتے، جسے ہم فلسطین کہتے ہیں۔ اس زخم سے تمام انسانیت کا خون رِس رہا ہے۔

    سلامتی کونسل میں رائے شماری کے مطابق جو ممالک اسرائیلی نسل کشی کو ممکن بنا رہے ہیں، ان کی اکثریتی آبادی اس کے خلاف ہے۔ ہم نے ان ممالک میں مسلسل لاکھوں احتجاج کرنے والوں کے مظاہرے دیکھے ہیں۔ ان میں نوجوان یہودیوں کی وہ اکثریت بھی شامل ہوتی ہے، جو اسرائیل کی سرپرستی کے لیے گھڑا جانے والا جھوٹ سن سن کر اور کسی کے ہاتھوں استعمال ہوہو کر  تنگ آ چکی ہے۔ کیا کبھی کسی نے سوچا تھا کہ ایک دن جرمن پولیس، یہودیوں پر ہی ’یہوددشمنی‘ کا الزام لگاکر انھیں صہیونیت اور اسرائیل کے خلاف مظاہرے میں گرفتار کرے گی؟ کس نے سوچا تھا کہ امریکی حکومت، اسرائیل کی خدمت میں یہاں تک چلی جائے گی کہ اسے آزادیٔ اظہار کے اپنے بنیادی اصول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فلسطین پسند نعروں پر پابندی لگانا پڑے؟ کچھ استثنائی صورتوں کے علاوہ ساری مغربی دنیا کے اخلاقی اصول آج باقی دنیا کے لیے ایک خوفناک لطیفہ بن چکے ہیں۔

    اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے جب دنیا کے سامنے ’دریا سے سمندر تک اسرائیل‘ کا وہ نقشہ لہرایا، جس میں فلسطین سرے سے موجود ہی نہیں، تو دنیا ان کے آگے بچھی دیکھی گئی ہے کہ کیسا بابصیرت آدمی ہے جو یہودیوں کے قومی وطن کے لیے جدوجہد کر رہا ہے۔

    دوسری طرف جب فلسطینی یا ان کے اتحادی ’نہر سے بحر تک‘ کا نعرہ لگاتے ہیں تو انھیں الزام دیا جاتا ہے کہ وہ کھلے عام یہودیوں کی نسل کشی کا اعلان کر رہے ہیں۔

    کیا واقعی ایسا ہے؟ یا انھیں اپنا خبث باطن دوسروں میں دکھائی دے رہا ہے؟ یہ کیسی ذہنیت ہے، جو تنوع برداشت نہیں کر سکتی؟ جو ایک ملک میں دوسروں کے ساتھ برابری کی سطح پر مساوی حقوق کےساتھ رہنے کے لیے تیار نہیں؟ کیا ساری دنیا اسی طرح رہتی ہے؟ یہ وہ ذہنیت ہے جو قبول نہیں کرسکتی کہ فلسطینی بھی جنوبی افریقہ ، ہندستان اور نوآبادیاتی چنگل سے آزاد ہونے والے دوسرے ممالک کی طرح آزاد زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔ ایسے ممالک کی طرح جو متنوع آبادی کے حامل ہیں، چاہے کئی بنیادی مسائل سے دوچار ہوں، لیکن آزاد ہیں۔ جب جنوبی افریقہ کے باشندے اپنا مشہور نعرہ ’عوام زندہ باد‘ لگایا کرتے تھے تو کیا وہ گورے لوگوں کی نسل کشی کا اعلان کر رہے تھے؟ ہر گز نہیں۔ وہ نسلی عصبیت پر مبنی حکومتی نظام کا خاتمہ چاہتے تھے اور آج یہی مطالبہ فلسطینیوں کا ہے۔

    جو جنگ اب شروع ہوئی ہے، یہ بہت تکلیف دہ ہوگی۔ لیکن اس کا خاتمہ اسرائیل میں نسلی عصبیت کے خاتمے کے ساتھ ہوگا۔ یہودیوں سمیت سب کے لیے، پوری دنیا پہلے سے زیادہ محفوظ ہو گی اور دنیا میں انصاف ہوگا۔ ہمارے دلوں سے آخرکار یہ کانٹا نکل جائے گا۔

    اگر امریکی حکومت اسرائیلی حمایت سے دست بردار ہو جائے تو آج ہی یہ جنگ ختم ہوجائے گی۔ ابھی اسی لمحے سب قتل و غارت گری بند ہو جائے گی۔ اسرائیلی مغوی اور فلسطینی قیدی آزاد ہوں گے۔ حماس اور دیگر فلسطینی نمائندوں کے ساتھ جو مذاکرات جنگ کے بعد ہونے ہیں وہ ابھی ہوسکتے ہیں اور یوں لاکھوں لوگوں کو تکلیف اور تباہی سے بچایا جا سکتا ہے۔ کیسی دردناک بات ہے کہ کچھ لوگوں کے لیے یہ امکان ہی ناقابلِ تصوّر ہے کہ انھیں اس پر ہنسی آئے گی!

    علاء عبدالفتح! اختتام پر میں پھر تمھاری طرف آؤں گی۔ میں تمھاری کتاب تم ابھی ہارے نہیں (Not Yet Been Defeated)کا ذکر کروں گی، جو تم نے جیل میں لکھی ہے۔ ہار اور جیت کے معنی سے متعلق ایسے خوب صورت الفاظ میں نے اور کہیں نہیں پڑھے، نہ میں نے کسی اور کو یوں مایوسی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالے دیکھا ہے۔ میں نے کم ہی ایسا کام دیکھا ہے جس میں ایک شہری اپنی ریاست، اپنے جرنیلوں، اور(قاہرہ کے التحریر) چوک کے ان نعروں سے اس قدر واضح انداز میں الگ کھڑا نظر آتا ہے:

    مرکز میں کھڑے ہونا بغاوت ہے کیوں کہ  مرکز کی جگہ صرف جرنیل کے لیے ہے۔

    مرکز بغاوت کی جگہ ہے اور میں کبھی باغی نہیں رہا۔

    وہ ہمیں کناروں کی طرف دھکیل کر خوش ہیں، لیکن وہ نہیں جانتے کہ ہم مرکز سے ہٹے نہیں، بس کچھ دیر کے لیے کھو گئے تھے۔

    ووٹوں کے ڈبے، محل سرا، وزارتیں، قید خانے یہاں تک کہ قبریں بھی اتنی کشادہ نہیں ہیں کہ ان میں ہمارے خواب سما سکیں۔

    ہم نے کبھی مرکز میں ہونا نہیں چاہا کیوں کہ  یہ اپنے خوابوں سے منہ موڑنے والوں کی جگہ ہے۔ یہاں تک کہ وہ چوک بھی ہمارے لیے کافی نہیں تھا۔ اس لیے ہم نے انقلاب کی جنگ اس سے ہٹ کر لڑی اور ہمارے اکثر ہیرو منظر سے باہر رہے۔

    غزہ اور لبنان کی جنگ ایک علاقائی جنگ میں تبدیل ہونے کو ہے اور اس کے ہیرو بھی منظر سے باہر ہیں۔ لیکن وہ لڑ رہے ہیں کیوں کہ  وہ جانتے ہیں کہ ایک دن ’دریا سے سمندر تک، فلسطین آزاد ہو گا‘ (From the River to the Sea – Palestine will be Free)اور یہ ہوکر رہے گا۔

    اپنی نظریں گھڑیوں پر نہیں، کیلنڈر پر رکھیں۔ کیوں کہ  اپنی آزادی کے لیے لڑنے والے عوام، یہاں پر میں جرنیلوں کی بات نہیں کر رہی، بلکہ عوام کی کر رہی ہوں اور عوام اسی طرح اپنے وقت کا فیصلہ کرتے ہیں۔

  • طوفان بن جاؤ

    طوفان بن جاؤ

    یحییٰ ابراہیم سنوار

    میں یحییٰ ہوں، ایک پناہ گزیں کا بیٹا، جس نے اجنبیت کو ایک عارضی وطن بنالیا اور خواب کو ایک ابدی معرکے میں بدل دیا۔ جب میں یہ الفاظ لکھ رہا ہوں تو اس وقت میری زندگی کا ہر لمحہ میری نگاہوں کے سامنے ہے۔ گلیوں کے درمیان گزرنے والا بچپن، پھر جیل کے طویل سال، پھر خون کا ہر قطرہ، جو اس زمین کی مٹی پر بہایا گیا۔

    میں خان یونس کے کیمپ میں 1962ء میں پیدا ہوا۔ یہ وہ زمانہ تھا جب فلسطین محض ایک یاد تھی جو تار تار کردی گئی تھی۔ محض کچھ نقشے تھے جو سیاست دانوں کی میزوں پر فراموش حالت میں پڑے تھے۔ میں وہ شخص ہوں جس نے اپنی زندگی کو آگ اور راکھ کے بیچ میں گزارا اور بہت پہلے یہ جان لیا کہ غاصبوں کے سائے میں زندگی گزارنے کا مطلب ایک ہمیشہ کی جیل میں رہنا ہے۔ میں نے کم سنی کے دور میں ہی یہ جان لیا تھا کہ اس سرزمین پر زندگی گزارنا کوئی عام سی بات نہیں ہے۔ جو بھی یہاں پیدا ہوگا اسے اپنے دل کے اندر ناقابلِ شکست ہتھیار اٹھانا ہوگا اور یہ سمجھنا ہوگا کہ آزادی کا راستہ طویل ہے۔

    آپ سب لوگوں کے نام میری وصیت اس لڑکے سے شروع ہوتی ہے، جس نے غاصب پر پہلا پتھر پھینکا اور جس نے یہ سیکھا کہ پتھر ہی وہ پہلے الفاظ ہیں جن کے ذریعے ہم اپنی بات اس دنیا کو سناسکتے ہیں، جو دُنیا ہمارے زخموں کو دیکھ رہی ہے مگر خاموش تماشائی ہے۔ میں نےغزہ کی سڑکوں پر یہ سیکھا کہ انسان کو اس کی عمر کے ماہ و سال سے نہیں ناپا جاتا ہے، بلکہ اس سے ناپا جاتا ہے کہ وہ اپنے وطن کے لیے کیا پیش کرتا ہے۔ میری زندگی اسی سے عبارت تھی، جیل اور جنگیں، تکلیف اور اُمید۔

    میں نے سب سے پہلے 1988ء میں جیل میں قدم رکھا اور اسی قید کے دوران مجھے عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ لیکن الحمدللہ، میں نے ڈر کو قریب تک پھٹکنے نہیں دیا۔ ان تاریک کوٹھڑیوں کے اندر، مَیں ہر دیوار میں کھڑکی دیکھتا تھا، جس سے دُور کا روشن اُفق دکھائی دیتا تھا۔ ہر سلاخ میں سے روشنی پھوٹتے دیکھتا تھا، جو آزادی کا راستہ روشن کرتی تھی۔ جیل میں رہتے ہوئے میں نے سیکھا کہ صبر محض ایک اخلاقی خوبی نہیں ہے بلکہ وہ ایک بہت مؤثر اور قیمتی ہتھیار ہے، کڑوا مشروب ، جیسے کوئی سمندر کو قطرہ قطرہ کرکے پی لے۔

    حماس کے سربراہ (29؍اکتوبر 1962ء، خان یونس۔ 16؍اکتوبر 2024ء شہید) ترجمہ: ڈاکٹر محی الدین غازی

    تمھارے لیے میری وصیت ہے کہ جیلوں سے خوف نہ کھاؤ۔ جیل تو آزادی کی منزل تک لے جانے والے ہماری طویل جدوجہد کا ایک مرحلہ ہے۔ جیل نے مجھے سکھایا ہے کہ آزادی محض ایک حق نہیں جسے چھین لیا گیا، وہ تو ایک آئیڈیا ہے جو تکلیف کی کوکھ سے جنم لیتا ہے اور صبر سے اس کی دھار تیز کی جاتی ہے۔ جب 2011ءمیں ’احرار کی وفاداری‘ نامی سودے کے تحت میں جیل سے نکلا تو میں پہلے جیسا نہیں رہا تھا۔ جب میں باہر نکلا تو میری شخصیت میں زیادہ اعتماد پیدا ہوچکا تھا اور اس جدوجہد پر میرا یقین کہیں زیادہ بڑھ چکا تھا کہ ہم جو کچھ کررہے ہیں وہ ایک وقتی کش مکش نہیں ہے بلکہ یہ ہماری قسمت ہے، جس کی لاج ہم اپنے خون کے آخری قطرے تک رکھیں گے۔

    میری وصیت ہے کہ بندوق کو مضبوطی سے تھامے رہو۔ اس عظمت کے ساتھ، جس پر کوئی سودا نہ ہو اور اس خواب کے ساتھ جو کبھی موت کا منہ نہ دیکھے۔ دشمن چاہتا ہے کہ ہم مزاحمت سے دست بردار ہوجائیں اور اپنے قضیے کو کبھی ختم نہ ہونے والے مذاکرات کے حوالے کردیں۔ لیکن میں آپ سے کہتا ہوں: جو تمھارا حق ہے اس پر کمزوری دکھانے کے لیے مذاکرات نہ کرنا۔ وہ تمھارے ہتھیاروں سے زیادہ تمھاری استقامت سے خائف ہیں۔ مزاحمت محض ہتھیار نہیں، جو ہم اُٹھائے ہوئے ہیں۔ مزاحمت تو فلسطین کے لیے ہماری محبت ہے جو ہماری ہر سانس کے ساتھ تازہ ہوتی ہے۔ مزاحمت تو ہمارا یہ ارادہ ہے کہ حصار و ظلم کے باوجود ہمیں زندہ رہنا ہے۔

    میری وصیت ہے: تم ہمیشہ شہیدوں کے خون کے لیے وفادار رہنا اور اس راہ پر چلتے رہنا۔  یہ کبھی نہ سوچنا کہ جانے والے ہمارے لیے کانٹے چھوڑ گئے ہیں، نہیں بلکہ یہ یقین رکھنا کہ انھوں نے اپنے لہو سے ہمارے لیے آزادی کا راستہ ہموار کردیا ہے۔ سیاست دانوں کے مفادات کی خاطر اور ڈپلومیسی کے کھیلوں میں آکر ان قربانیوں کو رائیگاں نہ جانے دو۔ ہمارا کام یہ ہے کہ ہم سے پہلے لوگوں نے جس عظیم جہاد کا آغاز کیا اسے تکمیل تک پہنچائیں اور اس راہ سے ذرہ برابر نہ ہٹیں، چاہے اس کے لیے کتنی ہی بھاری قیمت چکانی پڑے۔ غزہ استقامت کا مرکز اور فلسطین کا سدا دھڑکتا دل پہلے بھی تھا اور آئندہ بھی رہے گا، چاہے یہ وسیع و عریض سرزمین ہمارے لیے کتنی ہی تنگ ہوجائے۔

    جب میں نے 2017ء میں غزہ میں حماس کی قیادت سنبھالی تو وہ محض قیادت کی تبدیلی نہیں تھی بلکہ اُس مزاحمت کا تسلسل تھا جو پتھر سے شروع ہوئی تھی اور بندوق سے جاری رہی۔ حصار میں گھری میری قوم کا درد مجھے روز بے چین کرتا ہے۔ میں جانتا ہوں کہ آزادی کی طرف اُٹھنے والا ہمارا ہر قدم قیمت چاہتا ہے۔ لیکن میں تم سے کہے دیتا ہوں: ہار مان لینے کی قیمت اس سے بہت بڑی ہوگی۔ اس لیے اس زمین سے چمٹے رہو جس طرح جڑیں مٹی سے جڑی رہتی ہیں۔ جو قوم زندہ رہنے کا فیصلہ کرلیتی ہے اسے کوئی آندھی اکھاڑ نہیں پاتی ہے۔

    طوفان اقصٰی کے معرکے کے دوران میں کسی جماعت یا تحریک کا قائد نہیں۔ میں تو ہر اس فلسطینی کی آواز ہوں جو آزادی کا خواب اپنے دل میں سجائے ہے۔ میرے ایمان نے مجھے یہ راہ دکھائی ہے کہ مزاحمت محض ایک اختیاری راستہ نہیں بلکہ یہ ایک فریضہ ہے۔ میں نے چاہا کہ یہ معرکہ فلسطینی کش مکش کی کتاب میں ایک نیا ورق بن جائے۔ تمام مزاحمتی گروپ یک جان ہوجائیں، سب ایک خندق کے رفیق بن جائیں اور اس دشمن کا سامنا کریں، جس نے کبھی بچے اور بوڑھے کا یا پتھر اور پیڑ کا فرق روا نہیں رکھا۔

    میں نے کوئی ذاتی ورثہ نہیں چھوڑا بلکہ اجتماعی وراثت چھوڑ رہا ہوں۔ ہر اس فلسطینی کے لیے جس نے آزادی کاخواب دیکھا۔ ہر اس ماں کے لیے جس نے اپنے شہید بچے کو اپنے کندھوں پر اُٹھایا۔ ہر اس باپ کے لیے جس نے اپنی بچی کو مکار دشمن کی گولی کھاکر تڑپتے دیکھا اور غم کی شدت سے رو پڑا۔

    میری وصیت ہے: اس بات کو ہمیشہ یاد رکھنا کہ ظلم و زیادتی کے خلاف مزاحمت کا راستہ ہی زندگی ہے۔ یہ محض ایک گولی نہیں ہے جو چلادی جائے، بلکہ یہ تو ایک زندگی ہے جسے عزّت و عظمت کے ساتھ ہم جی رہے ہیں۔ جیل اور حصار نے مجھے سکھایا ہے کہ یہ معرکہ طویل ہے اور راستہ دشوار ، لیکن میں نے یہ بھی سیکھا کہ جو قومیں ہار ماننے سے انکار کردیتی ہیں وہ اپنے ہاتھوں سے کرشمے تخلیق کرتی ہیں۔

    دُنیا سے توقع مت رکھنا کہ وہ تمھارے ساتھ انصاف کرے گی۔ میں نے اپنی زندگی میں اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے کہ دنیا کس طرح ہمارے رنج و اَلم کو خاموش تماشائی کی طرح دیکھتی رہی ہے۔ انصاف کا انتظار مت کرو بلکہ تم خود انصاف بن جاؤ۔ اپنے دلوں میں فلسطین کا خواب سجاکر رکھو۔ ہر زخم کو ہتھیار بنادو اور ہر آنسو کو امید میں بدل دو۔

    یہ میری وصیت ہے: اپنے ہتھیار دشمن اور دشمن کے حلیفوں کے حوالے مت کرنا۔ اپنے ہاتھ سے پتھر نہ چھوڑنا۔ اپنے شہیدوں کو نہ بھول جانا اور اس خواب پر کوئی سودا نہ کرنا جو تمھارا حق ہے۔ ان شاء اللہ! ہم یہاں  بھی باقی رہیں گے، اپنی سرزمین میں بھی اور اپنے دلوں اور اپنے بچوں کے مستقبل میں بھی۔

    میں آپ کو وصیت کرتا ہوں کہ فلسطین کا ہرحال میں تحفظ کرنا۔ اُس سرزمین کا جس سے میں نے موت کی حد تک عشق کیا ہے۔ اُس خواب کا جس کو میں اپنے کندھوں پر اٹھائے رہا، اُس پہاڑ کی طرح جو جھکتا نہیں ہے۔ اور اگر میں گرجاؤں تو تم لوگ میرے ساتھ مت گرجانا بلکہ میرے ہاتھ سے پرچم تھام لینا جو کسی دن زمین پر نہیں رہا۔ میرے خون سے ایک پُل تعمیر کرنا جو اس طاقت ور نسل کی راہ گزر بنے جو ہماری راکھ سے پیدا ہوگی۔

    جب طوفان دوبارہ برپا ہو اور میں تمھارے درمیان نہ رہوں تو سمجھ لینا کہ میں آزادی کی موجوں کا ایک قطرہ تھا اور میں اسی کے لیے زندہ رہا تاکہ تمھیں سفر کی تکمیل کرتے دیکھوں۔ یاد رکھو! ہم خبروں میں زخمیوں اور شہیدوں پر مشتمل درج کیے جانے والے اعداد و شمار نہیں ہیں۔ غاصبوں کے حلق کا کانٹا بنے رہو۔ ایسا طوفان بن جاؤ جو پلٹنا نہیں جانتا اور اس وقت تک پُرسکون نہ بیٹھنا جب تک دنیا یہ نہ جان لے کہ ہم حق پر ہیں۔

     

  • شیخ نورالدین ولی ؒ

    شیخ نورالدین ولی ؒ

    شیخ نورالدین ولی ؒ کشمیر کی تاریخ میں عظیم رشی کی حیثیت سے مشہور ہیں جن کا منظوم کلام آج بھی کشمیر میں ادب اور احترام سے پڑھا اور سنا جاتا ہے۔ شیخ نورالدین ولیؒ کی پوری شخصیت کا جائزہ ابھی تک نہیں لیا گیا ہے وہ ایک بلند پایہ مبلغ اور مصلح بھی تھے۔ انہوں نے اپنے کلام کے ذریعے اسلام کی دعوت دی اور توحید کا غلغلہ بلند کیا۔ اوہام و خرافات کی مخالفت کی اور فاعل حقیقی اللہ تعالیٰ ہی کو جانا ۔

    ستھ چھم چائنی پتھ چُھم کانہہ نَے

    کرتام بئدربم دبہہ تہ دود ریم دات

    ژءیس دِکھ تس نتھ ہیکہ کانہہ نے

    کیا کرِس گرتہ کیا کریس ساعت

    مجھے تیر ا ہی سہارا ہے اور کسی کا نہیں جب میرا جسم سڑ جائے گا تو اُمید تجھ ہی سے ہے۔ جسے تو دے گا اسے کوئی چھین نہیں سکتا۔ مبارک اور نا مبارک گھڑی کام نہیں۔ آتی اللہ تعالیٰ جب کسی سے کوئی نعمت چھین لیتا ہے تو اسے کوئی نہیں دے سکتا۔ قابلیت اور اونچی ذات کا ہونا کسی کام نہیں آتا۔ اللہ نے ہر شخص کو وہی دیا جو اس کے مناسب حال تھا ۔

    ژءیَس دِتھ ئیکہ کانہہ نے

    کیا کریس قابلیت تہ کیا کریس ذات

    پاری پاری لگہ ہا چانہ قص درژے

    یس یُتھ زونتھ دِتیھُ اوقات

    شیخ نورالدین ولی رشی تھے مگر انہوں نے نقلی رشیوں اور صوفیوں کی بھی خبر لی ہے جو دوسروں کا مال ہڑپ کرنے کیلئے تاک میں بیٹھے رہتے ہیں۔ حلال کو چھوڑ کر حرام کے پیچھے پڑے ہیں۔ ان کی دنیا اور آخرت دونوں خراب ہے ۔

    دنیا دار ریشیو

    ہُشو پر لَبن زاگنو

    حلال تراوتھ حرام

    ییہ کیو ئتہ چھو وَتہ کونو

    شیخ نے ان رشیوں کی مذمت کی ہے جنہیں صرف کھانے کی فکر ہوتی ہے اور اس پر بھی خدا کی یاد سے غافل رہتے ہیں. یہ نقلی اور ریا کار رشی موٹے اور کھر درے کمبل پہن کر ہاتھ میں عصا لئے پھر تے ہیں جبکہ ان کا اندرون حسد اور بغض سے بھرا پڑا ہے۔ انہوں نے دن میں اپنا چہرہ سجا رکھا ہے؛ معلوم نہیں مرتے وقت ایمان بھی ساتھ دے گا کہ نہیں ۔

    عاصہ تہ درمیہ چھے خررمتو

    رشہ تہ بو غضہ چھُے بورمت ہاں

    دوہلہ بُتھ کیا ہ چھے اوہر مُنو

    کہہ زانہِ سہتی کتہ لگی ایمان

    شیخ نورالدین ولی ؒ رہبانیت اور ترک دنیا کے خلاف تھے۔ ان کے نزدیک حرام سے اجتناب اور حلال کماکر اپنے بال بچوں کا پیٹ پالنا عبادت ہے۔ وہ اپنی زندگی کے بارے میں کہتے ہیں کہ جنگل جاکر غاروں اور گھپاؤں میں زندگی بسر کرنا ان کی خامی تھی۔

    نصر بابہ !جنگُل کھسن گِم خامی

    مئے دوپ یہ آسہ بڈ عبادت

    وچھُم یہ آسہ بڈناداغتی

    سَرءاُس کرءنی کُنی سنزکھ

    شیخ نور الدین ولی نے علماءسو کی بھی مذمت کی ہے۔ انہوں نے اپنے کلام میں ان کی قلعی کھول دی ہے ان کا کہنا ہے کہ یہ لوگ مریدوں کی کمائی پرزندہ رہتے ہیں اور طرح طرح کے سوانگ بھرتے ہیں ۔

    دوپھ بتَہءاَنی وو رُنی وو لوکھرے

    دوپھ بتہءلوکھرے کھیئے کھیئے سانگ

    دوپھ بتہ کھئے یوملہ سنزءکو کرے

    تمہءتہ مالہ برمایہ شونگی تھے بانگ

    شیخ نورالدین نے سماجی نابرابری کے خلاف آواز بلند کی ۔ ذات پات کی مذمت کی۔ ظالم حکمرانوں کی حکومت کو ”واندرراج“ کہا اور جہاں جہاں ناانصافی نظر آئی اس کی نشاندہی کی۔ غرض انہوں نے اپنے کلام کے ذریعے نہ صرف اسلام کی تبلیغ کی بلکہ معاشرے کی اصلاح کاکام بھی انجام دیا۔ چنانچہ شیخ پہلے بزرگ ہیں جن کے نام پر سکہ جاری کیا گیا۔ یوں بھی اس عظیم محسن کا سکہ قیامت تک چلتا رہے گا اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کے کلام کی مقبولیت بڑھتی رہے گی ۔

    دِل سے جو بات نکلتی ہے اثر رکھتی ہے

    پر نہیں طاقت پرواز مگر رکھتی ہے

  • ڈونالڈ ٹرمپ امریکہ کے صدر منتخب

    ڈونالڈ ٹرمپ امریکہ کے صدر منتخب

    ‏‎اگرچہ یہ بات عجیب لگتی ہے لیکن حقیقت یہی ہے کہ وہ ملک جو اپنے آپ کو قانون کا محافظ کہتا ہے اور قانون کی بنیاد پر اپنے نظم زندگی کو سنوارتا ہے اسی کے عوام نے ایک ایسے قانون شکن کو قانون کا محافظ مقرر کردیا جس کو امریکی عدالت نے مجرم قرار دیا ہے۔ یعنی ڈونالڈ ٹرمپ امریکہ کے 47 ویں صدر منتخب ہو گئے۔ یہی نہیں بلکہ ان کی ریپبلکن پارٹی کو سینٹ میں اکثریت حاصل بھی ہوگئی اور ہاؤس میں ان کے ممبران کی تعداد ڈیموکریٹک پارٹی سے کہیں زیادہ ہے۔ یہ سب کچھ توقع سے بہت  زیادہ ہے۔ گرچہ دعوی یہی کیا جا رہا تھا کہ ٹرمپ اس الیکشن کو باآسانی جیت لیں گے لیکن حقیقت یہ تھی کہ آخری چند دنوں تک یہ بات بالکل واضح نہیں تھی کہ کون اس انتخابی مہم میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر امریکی عوام کے اعتماد کو حاصل کر سکے گا۔

    ‏‎ ڈیموکریٹک پارٹی کو یقین تھا کہ اس کو اکثریت ملے گی اور الیکٹرول کالج کی اہمیت والی ریاستوں میں وہ کامیاب ہوگی۔ اس کو یقین تھا کہ جارجیا، ایریزونا، نیواڈا، پنسلوانیا، مشی گن، وسکونسن اور شمالی کیرولینا میں اس کو یقینا کامیابی حاصل ہوگی لیکن انہی ریاستوں میں‎ بازی پلٹ گئی اور جب بازی پلٹی تو ایسی پلٹی کی ڈیموکریٹ پارٹی کو شرمناک شکست سے دوچار ہونا پڑا۔ اب ظاہر بات ہے کہ ٹرمپ جس انداز سے اپنی حکومت چلائیں گے اور معیشت اور سماجی ایجنڈے کو لے کر چلیں گے اس کے اثرات صرف امریکہ ہی نہیں بلکہ دنیا کے دیگر ممالک پر بھی پڑیں گے- سماجی اور اخلاقی مسائل پر بھی امریکہ ایک ‘نئے انقلاب’ کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اگلے چار سال امریکہ ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے ‎ سنسنی خیز  ثابت ہوں گے۔

    جن امور و مسائل پر ریپبلکن  پارٹی نے یہ انتخاب لڑا اور اپنے ووٹروں کو منظم کیا اس میں معیشت، بیرون ملک سے آنے والے مہاجرین، تعلیم اور اخلاقیات پر خاصہ زور تھا۔ انہوں نے ڈیموکریٹک پارٹی کے اس ایجنڈے کو چیلنج کیا جس نے بہت سے ایسے مسائل پیدا کر دیے جو امریکی قدامت پرست اور امریکی روایت کو ماننے والوں نے مسترد کردیا۔

    معیشت ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔ مہنگائی نے نہ معلوم کتنے خاندانوں کو تباہ کر دیا تھا اور حالات سنبھل نہیں رہے تھے۔ باوجود اس کے کہ کوشش بہت کی گئی کہ شرح سود میں کچھ کمی بیشی کرکےمعیشت کو بہتر کیا جائے لیکن اس میں انہیں کامیابی حاصل نہیں ہوئی اور یقینی طور سے ریپبلکن  پارٹی نے اس کو ایک اہم مسئلہ بنایا اور یہ یقین دلایا کہ صدر ٹرمپ کے دور میں مہنگائی پر نہ صرف قابو پایا جائے گا بلکہ امریکہ کو اقتصادی طور سے آگے بڑھانے کے سلسلے میں بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

    ‏‎ لیکن وہ مسئلہ جس نے عوام کی اکثریت کو صدر ٹرمپ کے ساتھ جوڑا وہ غیر قانونی طور سے ملک میں موجود مہاجرین کا مسئلہ ہے۔ امریکی معاشرے میں رہنے والے تقریبا 11 ملین ایسے افراد ہیں جو غیر قانونی طور پر اس ملک میں داخل ہوئے ہیں۔  یقینا وہ امریکہ کی اقتصادیات اور معیشت پہ خاصہ اثر ڈالتے ہیں لیکن اسی کے ساتھ یہ بات بھی اہم ہے کہ ملک میں اس قسم کے غیر قانونی داخلہ پر خاصہ غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔ ٹرمپ نے اس کو ایک بنیادی مسئلہ بنا کرپیش کیا اور عوام کی اکثریت نے اسی کی تائید میں اپنا ووٹ ڈالا کہ وہ اس مسئلے کو حل کرنے کے سلسلے میں جتنے بھی سنگین ترین اقدامات کر سکتے ہیں، کریں۔

    ‏‎ اس انتخابی مہم میں خارجہ پالیسی کوئی اہم ایشو نہیں بن سکی۔ اگرچہ یوکرین اور غزہ کا مسئلہ خاصا اہم تھا لیکن صرف چار فیصد افراد نے ان مسائل پر اپنی دلچسپی دکھائی۔ لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ امریکی سیاست میں پہلی مرتبہ فلسطین کے مسئلے پر ایک متبادل نظریہ سامنے  آیا۔ صیہونی قوتیں اپنے اثرات کی بنیاد پر امریکہ کی خارجہ پالیسی پر خاصہ اثر ڈالتی ہیں ۔اسرائیل کو ملنے والی امداد کا دارومدار اس لابی کی کوششوں پر مبنی ہے۔ لیکن پہلی مرتبہ امریکی عوام کو یہ متبادل نظریہ بھی سننے کو ملا کہ امریکی ٹیکس انسانی حقوق کی پامالی کے لیے استعمال نہ کیے جائیں۔  دیگر ریاستوں میں ووٹروں کی خاصی تعداد جن میں مسلمان بڑی تعداد میں شامل تھے نے نہ ڈیموکریٹک پارٹی کو ووٹ دیا نہ ٹرمپ کو ووٹ دیا۔ انہوں نے تیسرے امیدوار یا تیسری پارٹی کو اپنا امیدوار چنا ۔ کیوں کہ ان کا ماننا تھا  کہ غزہ میں جاری نسل کشی میں امریکہ کو ساتھ نہیں دینا چاہیے اور اسرائیل کو مشرق وسطی کو نیست و نابود کرنے کی اجازت نہیں ملنی چاہیے۔ اگرچہ ایسے افراد کی تعداد کم تھی لیکن بہرحال یہ آواز اٹھی اور اس کے اثرات خاص طور سے ان جگہوں پر پڑے جہاں دونوں پارٹیوں میں سخت  مقابلہ تھا۔

    ‏‎ ٹرمپ نے مشرق وسطی میں جنگوں کے حوالے سے جن خیالات کا اظہار کیا ہے اس سے ایک نئی امید بندھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جنگ نہیں  چاہتے بلکہ وہ ان جنگوں کو رکوائیں گے۔  ان کا کہنا ہے کہ وہ امن کی بات کریں گے۔ اس سلسلے میں اہم بات یہ ہے کہ انہوں نے مشی گن کے مسلمانوں سے ملاقات کی۔ یہ واحد صدارتی امیدوار تھے جنہوں  نے مسلمانوں اور ان کے ووٹوں کی اہمیت کو سمجھا اور ان پر توجہ دی۔ انہوں نے مسلمانوں کے مذہبی اور سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کی اور اپنی عوامی تقریر میں اس بات کا اظہار کیا کہ مسلمان اس ملک کے اتنے ہی وفادار ہیں جس طرح سے دوسرے شہری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان اسی طرح امن چاہتے ہیں جس طرح دوسرے شہری چاہتے ہیں ۔ مسلمانوں کو اس ملک کی معیشت کو بہتر بنانے سے دلچسپی ہے ۔ یہ ایک بہت اہم پیغام تھا جس نے مسلمانوں کے تعلق سے ایک نئی تصویر پیش کی۔

    اس کے بر خلاف جب کچھ مسلمانوں نے ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار سے ملنے کی خواہش ظاہر کی تو انہوں نے عوامی سطح پہ ان سے ملنے سے انکار کر دیا ۔انہوں نے خفیہ ملاقاتوں کے ذریعے مسلمانوں کو یہ باور کرانے کی کوشش کی کہ وہ اس مسئلے پر توجہ دیں گی اور مسلمانوں کے ساتھ جو زیادتیاں ہوتی ہیں، اس کے سلسلے میں وہ انصاف کریں گی۔ لیکن عوامی سطح پر جب مسلمان ان کی مجلسوں میں جانے لگے تو ان کو ان مجلسوں سے نکال دیا گیا ۔ یہی وجہ تھی کہ مشی گن میں خاصی تعداد مسلمانوں کی جو مشی گن میں تھی، جو وسکونسن میں تھی، پنسلوانیا میں تھی اس نے ڈیموکریٹ پارٹی کو چھوڑ دیا۔

    ٹرمپ اب کس طرح سے اپنی پالیسیوں پر عمل کرتے  ہیں  یہ واضح نہیں ہے ۔ لیکن یقینی طور سے  وہ جو بھی بات کریں گے وہ متنازع بات ہوگی۔ ڈیموکریٹک پارٹی اپنی اس شرمناک شکست کو آسانی سے قبول نہیں کرے گی۔ وہ چار سالوں میں یقینی طور سے ان مسائل کو اٹھانے کی کوشش کرے گی جس کی بنیاد پر وہ اپنے وجود کو برقرار رکھ سکے۔ حقیقت یہ ہے کہ اس دفعہ ڈیموکریٹک پارٹی کو یہ احساس ہوا ہے کہ اس کا جو دعوی تھا کہ وہ غریبوں اور مہاجرین کی پارٹی ہے، وہ انصاف پسندوں کا ساتھ دیتی ہے اور انسانی حقوق کی پامالی کرنے والوں کے خلاف کھڑی ہوتی ہے، یہ سارے دعوے بے معنی اور بے بنیاد ثابت ہوئے اور اسی  پر عوام نے اس کو اگلے چار سال تک طاقت کے ہر محاذ سے بے دخل کر دیا ہے۔

  • ڈونالڈ ٹرمپ -ہم کو ان سے وفا کی ہے امید۔۔۔

    ڈونالڈ ٹرمپ -ہم کو ان سے وفا کی ہے امید۔۔۔

    ٹرمپ کی فتح نے عالمی سطح پر بیک وقت  خدشات، اندیشوں،امکانات اور توقعات  کو جنم دیاہے۔ ـ ماضی کے ان کے اقدامات اس کا اصل سبب ہیں۔ـ  بائیڈن کے دور کو کئی اعتبار سے ناکام ومایوس کن دور ہی کہا جائے گا۔ وہ موجودہ دور کے دو انسانی المیوں یوکرین اورغزہ کی لڑائی کو ختم کرانے میں پوری طرح  ناکام رہے۔ ـٹرمپ کی امریکی تاریخ کی بڑی کامیابی نے اسی مایوسی کی کوکھ سے جنم لیا ہے۔  وہ بے روزگار نوجوانوں اور جنگ کے خلاف رائے عامہ کو اپنے

    حق میں موڑنے میں کامیاب رہے۔ البتہ اب  یہ جائزہ لینا ضروری ہے کہ ان کے انتخاب سے بین اقوامی جیو پولیٹیکل  حالات کس حد تک متاثر ہوں گےـ۔ کیا وہ اپنے پہلے دور کی پالیسیوں میں نیا رنگ بھرسکیں گے، کیا وہ  نئے دشمن اور نئے دوست بنا پائیں گے اور کیا وہ ان وحشتناک جنگوں کا خاتمہ کرسکیں گے۔ چین، بھارت ،ایران اور ترکی کے تئیں ان کا کیا رخ ہوگاـ ؟ حالانکہ امریکہ یا کسی بھی ملک میں اقتدار کے بدلنے سے کلیدی پالیسیوں میں تبدیلی نہیں آتی، البتہ  لیڈر کی  اپروچ اور مزاج کی وجہ سے طریقہ کار ضرور بدل جاتا ہے۔  ـٹرمپ سے بہت زیادہ انقلابی فیصلوں کی امید کرنا قبل از وقت ہوگا ـیہ وہی ٹرمپ ہیں جو اسرائیل میں اپنا سفارت خانہ تل ابیب سے اٹھاکر یروشلم لے گئے تھے، انہوں نے ہی کئی عرب ملکوں کے اسرائیل سے تعلقات استوار کروائے اور اس کو تسلیم کروایا تھا۔  ابراہم معاہدہ کو بھی نافذ کروایا۔ (بائیڈن کی حسرت رہ گئی کہ وہ جانے سے پہلے سعودی ،اسرائیل کے درمیان باقاعدہ سفارتی تعلقات قائم کرادیتے )اور یہی وہ ٹرمپ ہیں، جنھوں نے افغانستان سے امریکی افواج واپس بلالیں، وہ ایسے امریکی صدر رہے جو جانی دشمن شمالی کوریا سے بھی ہاتھ ملا آئے۔  وہ چونکانے والے فیصلوں کے لئے جانے جاتے ہیں ـ

    ـوہ دنیا پر چودھراہٹ کے بجائے امریکہ فرسٹ پر یقین رکھتے ہیں ایک سرمایہ کار  سیاستداں کی طرح پائی پائی گنتے ہیں اور جنگوں میں پھنسنا نہیں چاہتےہیں۔ اس لئے ان کے انتخاب پر  دنیا میں ملے جلے جذبات ظاہر کئے جارہے ہیں۔ ان کا تعلق سے یہ بھی کہا جاتا ہے کہ  وہ یہ ایک ایسا شخص ہے جو ڈپلومیسی کی زبان میں بات نہیں کرتا، اسے سیاسی منافقت نہیں آتی، ایک عیاش طبع، کاروباری سیاست داں، امریکی عدالتوں سے سزا یافتہ ،مسلمانوں کے خلاف سخت فیصلوں کے لئے بدنام ،امریکی مسلم ووٹروں کے لئے ایک بالجبر  چوائس بن گیا تھا۔

    مسلم اور عرب ووٹروں کا رول

    آگے بڑھنے سے پہلے یہ بتانا بہت ضروری ہے کہ ٹرمپ کی جیت میں عربوں اور مسلم ووٹروں کا کلیدی رول رہا ہے۔ چار  نومبر کو یعنی ووٹنگ سے ایک دن پہلے، ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر لکھا تھا کہ ’ہم امریکی سیاست کی تاریخ کا سب سے بڑا اتحاد بنا رہے ہیں۔ مشیگن کے عرب اورمسلم ووٹرز ہمارے ساتھ ہیں کیونکہ وہ امن چاہتے ہیں۔‘ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ’مُسلم کمیونٹی یہ بات جانتی ہے کہ کملا ہیرس اور اُن کی جنگ پسند کابینہ مشرق وسطیٰ پر حملہ کر کے لاکھوں مسلمانوں کو قتل کر دے گی اور تیسری عالمی جنگ کا آغاز کر دے گی۔‘آخر میں انھوں نے اپیل کی ’ٹرمپ کو ووٹ دیں اور امن کو بحال کریں۔‘ انہوں نے مسلمانوں کی دکھتی نس پر ہاتھ رکھ دیا تھا، جسے بائیڈن اینڈ کمپنی نے زخمی کردیا تھا۔ ـمشیگن ایک ایسی ریاست ہے جہاں عرب اور مسلم ووٹ فیصلہ کن ثابت ہوتے ہیں۔ اگرچہ 15 الیکٹورل ووٹ رکھنے والی اس بڑی ریاست میں مقابلہ سخت تھا لیکن یہاں سے فتح ٹرمپ کی ہوئی جو ظاہر کرتی ہے کہ اپنے بیانات اور وعدوں کی مدد سے ٹرمپ یہاں کے ووٹرز کو قائل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

    صدارتی انتخاب سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیئربورن نامی علاقے میں ایک حلال کیفے کا دورہ بھی کیا تھا۔ اِس علاقے کو امریکہ کا ’عرب دارالحکومت‘ بھی کہا جاتا ہے کیونکہ یہ عرب کمیونٹی کا مضبوط گڑھ ہے۔ جارجیا اور پنسلوانیا جیسی سوئنگ ریاستوں بہت اہم رول رہا جہاں مسلم ووٹروں کی بڑی تعداد نے ٹرمپ کے حق میں ووٹ دیا،  یہ جانتے ہوئے بھی کہ ماضی میں ان کا اسرائیل کے تئیں پیار چھپا نہیں تھا۔  وجہ یہ رہی کہ غزہ اور لبنان پر اسرائیل کے حملوں کے نتیجے میں امریکہ میں بسنے والی مسلم کمیونٹی ڈیموکریٹک پارٹی سے ناراض تھی۔ امریکہ کے واٹسن انسٹی ٹیوٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق غزہ جنگ کے آغاز سے لے کر اب تک امریکہ اسرائیل کو تقریباً 18 ارب ڈالر کی فوجی امداد فراہم کر چکا ہے۔

    مبصرین کے مطابق غزہ جنگ کے آغاز کے بعد امریکہ جس طرح اسرائیل کی مسلسل مدد کر رہا ہے، اس کی وجہ سے امریکہ میں رہنے والے مسلمان ووٹرز میں ناراضگی پائی جاتی تھی، جسے ٹرمپ نے اپنے حق میں استعمال کیا۔ دیکھنا ہوگا اب وہ ان سے وابستہ توقعات کو پورا کریں گے یا نہیں ؟

    سوال یہ بھی ہے کہ وہ سفارتی محاذ پر کیا گل کھلائیں گے؟۔  چین، روس، یوکرین غزہ ،ایران اور بھارت جیسے ملکوں  کے ساتھ ان کا  کیا رویہ ہوگا، مشرق وسطی میں وہ کونسی بساط بچھائیں گے اس لئے بھی کہ وہ گریٹر اسرائیل منصوبہ کے حامی رہے ہیں۔ ـنیٹو میں رہیں گے یا نہیں، یورپ کے ساتھ کیا سلوک کریں گے وغیرہ۔

    انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی اور پرانی جنگیں ختم کرنے کے اعلان نے یورپ میں یوکرین کی جنگ کے حوالے سے تشویش پیدا کردی ہے۔اس حوالے سے یورپی میڈیا میں شائع مختلف رہنماؤں کے بیانات کی روشنی میں میڈیا نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت جو بائیڈن انتظامیہ کے ساتھ یوکرین جنگ کے حوالے سے کلین بریک کی نشاندہی کرتی ہے، جبکہ بائیڈن 2022 میں روسی حملے کے بعد سے یوکرین کی حمایت میں اٹل رہے ہیں۔

    یورپی میڈیا کے مطابق نیٹو کے کئی یورپی ممالک نے ٹرمپ کے امریکا کا اگلا صدر بننے کے نتائج پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وہ یورپی براعظم کی سلامتی کے لیے امریکی کمٹمنٹ اور یوکرین کےلیے امریکی فوجی حمایت کے خاتمے سے خوفزدہ ہیں۔وہ صاف کہہ چکے ہیں کہ یورپ برابر کا حصہ ڈالے امریکہ مزید بے وقوف بننے کوتیار نہیں ہے۔ ٹرمپ نے تو نیٹو سے نکلنے کی بھی دھمکی دی ہے وہ پوٹن کے گہرے دوست ہیں مگر کیا پوٹن جنگ بندی میں گھاٹے کا سودا کریں گے۔ کمزور ملک شرطیں رکھنے کی پوزیشن میں نہیں ہوتا جبکہ یوکرین کا سارا انحصار ہی امریکہ پر ہے۔ یہ خدشات بے بنیاد نہیں ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیانات میں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کو جنگ کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے اور انہیں اربوں ڈالر کی امریکی فوجی امداد حاصل کرنے کےلیے "دنیا کا سب سے بڑا سیلز مین” قرار دیا تھا۔ اسی بیان کی روشنی میں خدشہ ہے کہ ٹرمپ اس فنڈنگ کو کم کرنے یا روکنے کا فیصلہ کر سکتے ہیں، جس سے یوکرین پہلے سے کہیں زیادہ مشکل صورتحال میں پڑجائے گا۔روس اس کے کئی علاقوں پر قابض ہے وہ انہیں چھوڑے گا نہیں اس لئے جنگ بندی کرانا یا جنگ کا خاتمہ اتنا آسان نہیں ہے۔ یہ ٹرمپ کے لئے  سخت مشکل  پرچہ ہے۔

    جہاں تک چین سے تعلقات کا معاملہ ہے پانی کافی بہہ چکا ہے،  اس کے کئی منصوبے ایشیائی ممالک میں چل رہے ہیں، سارک ممالک پر سوائے بھارت کے اس کا دبدبہ ہے۔ اب چین روس کا تزویراتی پارٹنر ہے ،یوکرین جنگ کا ساتھی، وہیں مشرق وسطی میں اس کے نئے دوست بنے ہیں۔ وہ طالبان سرکار کا سب سے مضبوط اتحادی ہے، ہاں اکنامی مورچہ پر امریکہ اس کے لئے مشکلات پیدا کرسکتا ہے۔ اس کے ایکسپورٹ پر ٹیکس ڈیوٹی میں یقیناً اضافہ ہوگا ـتاکہ اس کی مارکیٹ تک پہنچ کو مشکل کیا جاسکے۔ روس کو گھیرنے کے لئے بائیڈن نے چین کے تئیں رویہ میں نرمی پیدا کی تھی، ٹرمپ اس پر یوٹرن لے سکتے ہیں۔

    اسی طرح ایران کو سخت حالات کے لئے تیار رہنا چاہیے۔  ٹرمپ اس کے جانی دشمن ہیں، حال ہی میں انہوں نے اسرائیل کو اکسایا تھا کہ وہ جہاں چاہے ایران پر حملہ کرے، اس کی جوہری تنصیبات ہوں یا تیل کے ذخا ہر ، سب کچھ  ملیامیٹ کردے۔ـٹرمپ  مڈل ایسٹ میں ایران کے رنگ آف فائر یعنی حماس ،حزب اللہ ،حوثی ،عراقی ملیشیا اور شام میں بشار کی حکومت کے سخت خلاف ہیں جبکہ یہ حقیقت ہے کہ روس اور چین حماس کے نمائندوں اور رہنماؤں کو اپنے یہاں بات چیت کے لئے بلاتے ہیں اور اان مزاحمتی  گروپوں کو ایران کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔ ان مزاحمتی گروہوں نے اسرائیل سمیت امریکہ، یورپ اور عرب حکمرانوں کی سانسیں پھلادی ہیں ۔ ـیہ بھی ممکن ہے کہ اس بار ایران پر ہر ممکنہ اسرائیلی حملہ میں امریکہ بھی نظر آئے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ ایران نے کہا ہے کہ امریکہ میں اقتدار کی تبدیلی سے  اسرائیل کےے حملہ نہیں رکیں گے اور ہم ہر اقدام کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ لیکن  یاد رہنا چاہیے کہ ایران ہتھیاروں کے معاملہ میں بڑی حدتک خودکفیل ہے اور عرب حکومتوں کی خواہش کے باوجود اسرائیل ایران کو خوفزدہ کرنے میں ناکام رہاہے۔

    تجزیہ کار ابھینو گوئل  بی بی سی کے لئے ایک مضمون میں لکھتے ہیں ” ٹرمپ کے دوسرے دورِ اقتدار میں شاید اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نتن یاہو کو حماس، حزب اللہ اور ایران کے خلاف کارروائیاں کرنے میں زیادہ چھوٹ حاصل ہو گی۔ ایسے میں ایرانی جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملہ بھی خارج ازامکان نہیں قرار دیا جا سکتا۔‘ٹرمپ کے دورِ حکومت میں امریکہ نے خود کو ایران سے متعلق جوہری معاہدے سے الگ کر لیا تھا۔ واضح رہے کہ یہ معاہدہ سنہ 2015 میں یعنی براک اوباما کے دور میں ہوا تھا۔ اس معاہدے کے تحت ایران پر سے جوہری پروگرام کو روکنے کے بدلے میں سخت پابندیاں ہٹا دی گئی تھیں۔ تاہم ڈونلڈ ٹرمپ کے سابقہ دورِ حکومت میں یہ معاہدہ ختم کر کے ایران پر ایک مرتبہ پھر بڑے پیمانے پر پابندیاں عائد کر دی گئی تھیں”سوال یہ ہے کہ کیا امریکہ روس اور چین کے ساتھ ایران کے اسٹریٹجک تعلقات کو نظر انداز کردے گا۔ انتخاب کے دوران ٹرمپ پر قاتلانہ حملے اور  ان کو ہرانے کے لئے ہیکنگ کا الزام ایران پرلگایاگیا تھا، ـٹرمپ انتقامی مزاج رکھتے ہیں اور ایران ان کے نشانے پر رہ سکتا ہے۔

    اب آتے ہیں بھارت کی طرف جہاں کوئی ٹرمپ کے لئے ہون کررہا تھا تو کوئی کاملا ہیرس کے لئے یگیہ کرارہا تھا۔ مودی کے ‘جگری’ دوست کی کامیابی پر الیکٹرانک میڈیا نے جس طرح جشن منایا اور ان کی جیت کا کریڈٹ مودی کو دیا وہ دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔ سنجیدہ دانشوروں کا کہنا ہے کہ چین کے معاملہ پر دہشت گردی، دراندازی،آرمس ڈیل، ٹیکنالوجی ٹرانسفراور کینیڈا وخالصتان پر امریکہ سے شراکت ہوسکتی ہے مگرایچ آئی بی ویزا،غیرمقیم بھارتیوں کی سیکورٹی اور امریکی پروڈکٹس پر لگنے والے ٹیرف پر ٹکراؤ کے پورے آثار ہیں۔

    کیا مشرق وسطی میں جنگ رکے گی؟

    سوملین ڈالر کا  سوال یہی ہے کہ جنگ ختم کرانے کے وعدے کو ٹرمپ کس طرح نبھائیں گے ؟ اپنے لاڈلے کوکن شرطوں پر راضی کریں گے اور دوسرے فریقوں کو کیا مراعات دلاسکیں گے؟ جبکہ اس کے سب سے بڑے حلیف سعودی عرب نے جو پوری لڑائی میں کھوکھلے بیانات کے علاؤہ تماشائی رہا ہے اپنی عزت بچانے اور فیس سیونگ کے لئے ہی سہی  ایک پوزیشن لے چکا ہے کہ دوریاستی حل کے بغیر  اسرائیل سے امن معاہدہ نہیں ہوسکتا۔ حالانکہ سات اکتوبر کے حملے نے امریکہ اور سعودی کے کئے کرائے پر پانی پھیر دیا تھا اس لئے عرب، اسرائیل،امریکہ حماس کا خاتمہ چاہتے ہیں سب نے  اسرائیل کو فری ہینڈ دے رکھا ہے۔ـ

    1967 میں پہلی فوجی کامیابی کے بعد اسرائیلی وزیر دفاع موشے دایان نے نہایت غرور کے ساتھ اعلان کیا تھا کہ ”اب ہم ایک سلطنت ہیں“ مگر 57 سال بعد بھی اسرائیل امن حاصل کرنے میں ناکام رہا کیونکہ اس نے فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کرنے سے بارہا انکار کیا۔پچھلے 12 مہینوں میں اسرائیلی فوج نے جن 42,000 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا، اُن میں 17,000 سے زیادہ خواتین و بچے، 287 امدادی کارکنان، 138 صحافی اور میڈیا ورکرز بھی شامل ہیں، اموات میں اُن لوگوں کا شمار نہیں کیا گیا، جو غزہ کی اُن دو تہائی عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جنہیں فضائی حملوں سے تباہ کر دیا گیا۔ انسانی المیوں کا یہ صرف ایک ورق ہے،لبنان میں حزب اللہ کے خلاف اسرائیل یہی اسٹریٹجی اپنارہا ہے۔   بمباری اس کا کارگر ہتھیار ہے

    اکثریتی ممالک کا ماننا ہے کہ امن معاہدہ ہی مستقبل کا واحد راستہ ہے۔ یہ ایک ایسا خیال ہے جس کی حمایت ہیو لوواٹ بھی کرتے ہیں اور کہتے ہیں ’اگر کوئی حماس کو پسماندہ اور کمزور کرنا چاہتا ہے تو ایسا کرنے کا واحد راستہ ایک اہم سیاسی حل پر پہنچنا ہے۔‘

    تاہم اسرائیل کی موجودہ حکومت فلسطینی ریاست کے قیام کو روکنے کے لیے پرعزم نظر آتی ہے اور کسی بھی ایسے راستے کو مسترد کرتی ہے جو حماس کے خاتمے کی جانب نہ  جا رہا ہو۔

    اسرائیل حماس کو ختم کرنے کے اپنے ارادے کو چھپا کر نہیں رکھتا۔ لیکن ماضی کے تجربات یہ دکھاتے ہیں کہ ایسا کرنا اس کے لئے مشکل ہے۔ یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ حماس ’صرف ایک فوجی تنظیم نہیں ہے اور نہ ہی یہ صرف ایک سیاسی تحریک ہے۔ یہ ایک نظریہ ہے اور اس نظریے کا خاتمہ مشکل ہے، خاص طور پر اسرائیلی ہتھیاروں کے زور سے۔‘

    ٹرمپ کے سیاسی مشیر رہ چکے جان بولٹن کا امریکی قیادت کو مشورہ ہے کہ حماس کے خاتمہ کے بعد غزہ کے لوگوں کا انسانی مستقبل یہ ہوگا کہ انہیں ایسے ملکوں میں آباد کیاجائے جہاں ان کے بچوں کو معمول کا مستقبل مل سکے۔ اس کایہ بھی کہنا  کہ”خلیجی عرب ریاستوں اور دیگر ممالک کو غور کرنا ہوگا کہ لبنان اور غزہ کے لئے حزب اللہ اور حماس کے بغیر مستقبل کیا ہوگا ؟جو ناقابل تصور تھا وہ اب ممکن نظر آرہا ہے”کیا جنگ روکنے کے لئے یہ بساط بچھائی جارہی ہے ؟حالیہ تنازع میں امریکہ  کا  کردار سب سے گھناؤنا اور مجرمانہ ہے۔ وہ اسرائیل کے علاؤہ دیگر فریقوں کو تحمل کا مشورہ دیتا ہے، جس کا مقصد اسرائیل کا تحفظ اور نیتن  یاہو کوفلسطینیوں اور مشرق وسطی  کے دیگر پڑوسیوں کے خلاف تمام میدانوں میں من مانی کرنے کے لئے مزید مہلت اور مواقع فراہم کرنا ہے۔ وہ اسے ہتھیار،  گولہ بارود اور ان ٹیلیجنس معلومات فراہم کرتا ہے۔ اس کے لئےنسل کشی قابل قبول عمل ہے۔  سیاسی قتل کو  امریکہ نےسفارتی سند دے رکھی ہے۔ ـمعروف صحافی تھامس فریڈمین نے لکھا ہے کہ امریکہ اس خطہ میں اپنی ساکھ کھوچکا ہے۔

    امن کا نیا سورج حماس اور حزب اللہ  کی کرنوں کے بغیر طلوع کرنے  کا ماحول بنایا جارہا ہے۔ اسرائیل وامریکہ اس پر ہم خیال ہیں کہ ایران کو مزاحمتی محوروں  کی مدد سے نہ روکا گیا تو یہ "خطرات "سر اٹھاتے رہیں گےـ۔ اسرائیل ایسا ملک ہے جس کے لئے بین اقوامی قانون معاہدے، عدالتیں ،اخلاقی حدودوقیود، اقوام متحدہ سب بے معنی ہیں، یہودی لابی اور میڈیا کی پشت پناہی سونے پہ سہاگہ۔   تو سوال یہی ہے کہ کیا ٹرمپ اپنی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف جاسکتے ہیں ؟کیا طاقتور یہودی لابی سے ٹکرانے کی ہمت دکھائیں گے

    مشرق وسطیٰ کی جدید تاریخ بنیادی طور پر امن کی ناکام کوششوں کی تاریخ بن چکی ہے۔اکتوبر سنہ 2023 کے بعد اسرائیل غزہ جنگ نے مشرق وسطیٰ کو مکمل طور پر تبدیل کر دیا ہے اور اب سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ کیا ٹرمپ وہ کام کر پائیں گے جس کی بہت سے لوگ اور ان کے ووٹرز اُن سے توقع لگائے بیٹھے ہیں۔

  • پیغام ربانی

    پیغام ربانی

    اے لوگو جو ایمان لائے ہو! اللہ کی خاطر راستی پر قائم رہنے والے اور انصاف کی گواہی دینے والے بنو۔  کسی گروہ کی دُشمنی تم کو اتنا مشتعل نہ کردے کہ انصاف سے پھرجاوٴ۔ عدل کرو، یہ خدا ترسی سے زیادہ مناسبت رکھتا ہے۔ اللہ سے ڈرکر کام کرتے رہو، جو کچھ تم کرتے ہو اللہ اُس سے پُوری طرح باخبر ہے۔ جو لوگ ایمان لائیں اور نیک عمل کریں، اللہ نے ان سے وعدہ کیا ہے کہ ان کی خطاوٴں سے درگزر کیا جائے گا اور انہیں بڑا اجر ملے گا۔ رہے وہ لوگ جو کفر کریں اور اللہ کی آیات کو جُھٹلائیں، تو وہ دوزخ میں جانے والے ہیں۔ (سورہ  مائدہ آیت 8 -10)