Author: مدیر

  • غزل

    غزل

    قانون کی حرمت کی شہادت دیکھی

    انصاف کی قتّال عدالت دیکھی

    معصوم کو چڑھتے ہوئے دیکھا سردار

    قاتل کو رہا کرتے عدالت دیکھی

    لٹتی ہوئی دکان محبت دیکھی

    چلتی ہوئی نفرت کی تجارت دیکھی

    جودھرم ہےاس سے نہیں کوئی مطلب

    مندر نہیں مندر کی سیاست دیکھی

    کہتے ہیں چمن کا جو محافظ، ان کو

    کرتے ہوئے گلشن سے عداوت دیکھی

    انسان کو انسان کا دشمن دیکھا

    چہرے پہ ہر اک شخص کے وحشت دیکھی

    پھٹنے ہی کو ہے جوالامکھی اب کوثر

    سرپر کھڑی دنیا کے قیامت دیکھی

  • بلکتے  بچے، سسکتی کلیاں

    بلکتے  بچے، سسکتی کلیاں

    11 نومبر كی شام  بچی جب اسکول سے پڑھ کر واپس آئی تو اس نے مجھ سے کہا: ابو! عربی کلاس ٹیچر نے ہمیں چلڈرن ڈے کی مناسبت سے آرٹ بنانے کے لیے کہا ہے، آپ ہمیں ایک اچھی سی آرٹ بتائیں جو چلڈرن ڈے  کے مناسب ہو  "۔ میں نے  کہا   بیٹی میں تمھاری اس آرٹ میں ضرور مدد کروں گا۔  بچوں  اور ان کے حقوق کے تعلق سے  میرے ذہن میں ایک بہت درد بھری تصویر کا خاکہ ہے  کیا تم بنانے کے لئے تیار ہو ؟ بچی نے تعجب سے پوچھا ابو! درد بھری تصویر  کیسی ؟؟   میں نے کہا آؤ بتاتا ہوں ، بیٹی! ایک کام کرو آرٹ   پیپر  پر ایک  پلیٹ بناؤ  جس میں روٹی کے چند ٹکڑے بکھیر دو  ،اس کے قریب  گلاس کی ایک تصویر بناؤ جس میں گندا   پانی رکھا  ہو  ،  پھر  خون آلود ننھے ہاتھ کی تصویر بناؤ  ،  جو اس روٹی کے ٹکڑے کو لینے کے لیے  پلیٹ  کی طرف بڑھ رہا ہو  ۔

    تصویر کے  نیچے  ایک تحریر لکھو ” أطفال غزة يتضورون جوعًا فمن لهم” ؟؟  غزہ  کے  بچے بھوک سے بلک رہیں ! ان کا پرسان حال کون ؟؟ اوپر بیچ میں  فلسطین کے جھنڈے  کے ساتھ  بیت المقدس کی تصویر بناؤ ،  داہنی  طرف لکھو ” یوم الاطفال” چلڈرن ڈے ” اور بائیں  طرف لکھو  "أین أهل حقوق الاطفال”؟؟  بچوں کے حقوق  والے کہاں ہیں ؟؟ پھر  بیٹی کو   فلسطین کے حالات اور وہاں پر  بچوں  بوڑھوں  عورتوں جوانوں پر  ہو رہے ظلم کو بتایا۔اسے سمجھایا کہ بیٹی اس آرٹ سے تم دنیا کو ایک پیغام دوگی  اور  تمھاری یہ تصویر  فلسطینی مسلمانوں    کے  حق میں  ایک خاموش مگر مؤثر احتجاج کاکام کرے گی ۔

    شام ڈھل  چکی  تھی  ، رات  نے دھیرے دھیرے اپنی طنابیں  تان لیں  ، ہم نیند کی آغوش میں جانے کے لئے بستر پر آچکے تھے ، موسم بھی ابر آلود تھا،  بچی میرے پاس تھوڑا فاصلے سے  لیٹی ہوئی تھی ،رات کے کوئی  ساڑھے نو بج رہے تھے کہ اچانک بڑی تیز بجلی کڑکی ، آواز کی  گونج نے پورا وجود ہلا ڈالا ، بچی  بھی   شروعاتی نیند میں  تھی ، ڈری  سہمی ہوئی اٹھی اور مجھ سے لپٹ گئی ، میں نے اسے اپنے قریب کر کے تسلی دی اور اسے کہا کہ بیٹی گھبراؤ نہیں  ، دعا پڑھو  "ويسبح الرعد بحمده والملائكة من خيفته”اس نے دعائیہ کلمات  بار بار دہرائے  ، میں نے کہا بیٹی  عام طور پر اس  سے کوئی نقصان نہیں ہوتا  ،    بلکہ اللہ کی قدرت کو دیکھو یہ  بجلی بھی  اللہ کی  حمد  اور تسبیح بیان کرتی ہے ۔  اب بجلی کی کڑک  بھی تھم چکی تھی  اور اس کے ساتھ بچی کے چہرے پر موجود قلق واضطراب  کی کیفیت بھی جاتی رہی،    مگر نیند اڑ چکی تھی  اس لئے جب  کچھ تسلی ہوئی تو پھر میں نے شام کی بات کا  تذکرہ کرتے ہوئے  کہا: بیٹی !یہ تو بجلی کی کڑک  تھی  جو تھوڑی دیر میں ختم ہو گئی  مگر سوچو ان فلسطینی  بچوں اور بچیوں کے تعلق سے وہ کس خوف کے سائے میں جی رہے ہیں ؟  ان  کے گھروں پر رات میں سوتے ہوئے ایک سال سے بم گر رہے ہیں ،وہ بموں کی آواز سے کس قدر خوفزدہ ہوتے ہونگے؟جوان  کے گھروں پر رات دن میں کسی بھی وقت گرتے رہتے  ہیں ،بچے رات میں    ابا اماں کے ساتھ سوتے ہیں   مگر جب صبح ہوتی ہے  تو ہسپتالوں کے بیڈ پر ہوتے ہیں ، یا جنازے کے تخت پر ، کوئی باپ اپنا لخت جگر  کھوتا ہے تو کوئی ماں اپنے آنکھ کے تارہ سے محروم ہوجاتی ہے ، کسی بچے کے سر سے باپ کا سایہ اٹھتا ہے، تو  کسی بچی سے ماں کی گود چھن جاتی ہے ۔

    بیٹی  !ایک سال سے وہ جنگ کی اسی کیفیت سے دوچار ہیں،  پینے کے لیے پانی نہیں ، کھانے کے لیے غذا نہیں،  زخم خوردہ ہیں، بیمار ہیں مگر ہاسپٹل میں دوا نہیں ، کوئی کوئی اس قدر سوکھ گیا ہے کہ صرف ہڈی کا ڈھانچہ بچا ہے ،پسلیاں باہر کو نکلی ہوئیں ، آنکھیں اندر کو دھنسی ہوئی ،  فاقوں پر فاقے ہیں ، دانہ پانی کو ترستے لوگ ہیں ، گھر بار اجاڑ دئے گئے ، جب عمارتیں  زمیں دوز کر دی گئیں ، تو مظلوموں نے خیموں کا سہارا لیا ، ظالموں نے  اسے بھی جلاکر   سروں سے سائبان  تک کو ختم کردیا  ہے ،  اب نہ رہائش کے لئے گھر ہیں نہ تعلیم کے لئے کوئی مدرسہ اور اسکول  ” نہ جائے ماندن نہ پائے رفتن ”   ہزاروں غنچے بن کھلے مرجھا گئے ، بغیر  ماں باپ نہ جانے کتنے    نونہال بلک  رہے ہیں اور کتنی معصوم کلیاں سسک رہی ہیں۔

    بیٹی! چند دنوں پہلے ایک نو سالہ بچی کو دیکھا جو اپنی دو سے ڈھائی سال کی بہن کو اپنے کندھے پر لادے ہوئے اپنے خیمے کی طرف جا رہی تھی ،دھول اور گرد و غبار سے اٹا ہوا جسم، بھوک سے کمھلائے ہوئے  گلاب سے چہرے کودیکھ کر آنکھیں اشکبار گئیں۔ سوچو اس باپ پر کیا گذری ہوگی  جو بچی کے لئے چاکلیٹ  لینے گیا تھا مگر واپس لوٹا تو بچی کو کفن میں ملبوس پایا ، یقینا اس کا کلیجہ پھٹ گیا ہوگا ۔  نہ جانے دنیا کو کیا ہو گیا ہزاروں بچے ہزاروں عورتیں ہزاروں جوان شہید کر دیے گئے اور کوئی نہیں جو ان کے لیے آواز اٹھائے،  احتجاج کرے ،عالم انسانی پر حیرت ہے!  کبھی ایک کی زندگی بچانے کے لیے پوری دنیا یورپ و امریکہ اکٹھا ہو جاتے ہیں اور اس کو تحفظ فراہم کرتے ہیں، اور کبھی ہزاروں  لوگوں کے خون کی ندیاں بہادی جاتی ہیں اور حقوق انسانی اور دنیا میں حقوق حقوق کا نام لینے والے اندھے گونگے اور بہرے بن جاتے ہیں، صرف اس لئے کہ مظلوم مسلمان ہیں ۔۔۔!!!

    بیٹی !ہمارا ان فلسطینی بھائیوں سے خونی رشتہ اگر چہ نہیں ہے  مگر ہمارا ان سے  سب سے مضبوط اسلامی رشتہ  ہے ، اخوت اسلامی کا تقاضا ہے کہ ہم ان کے درد کو اپنا درد سمجھیں ، ان پر بیت رہی مصیبت کو اپنی مصیبت گردانیں ، کیونکہ  تمام مسلمان ایک جسم کے مانند ہیں ۔  بیٹی !ظلم کی چکی میں پس رہے  فلسطینی مسلمانوں کے درد کی  ٹیس کو اگر ہم نے   اپنے دل میں محسوس نہیں کیا تو ہمارا ایمان  ناقص ہے ۔ ہم کمزور کچھ نہیں کرسکتے ، لیکن یہ کہ کر ہم اللہ کے حضور  بچ نہیں سکتے، ہم اپنی وسعت کے مطابق ان کی مدد کریں ،خصوصا     ان کے حق میں دعا کریں  ، اللہ سے مدد مانگیں  ، یقینا اس کی مدد عنقریب آئیگی  اور ہم فلسطین کو آزاد دیکھیں گے  ۔۔۔ہم دیکھیں گے۔۔۔ ہم دیکھیں گے ۔۔ ان شاء اللہ۔

  • پروفیسر دانش مند اور بقول شخصے

    پروفیسر دانش مند اور بقول شخصے

    آج سے تقریبا پچیس برس قبل لفظ ” شخصے“ کان میں پڑا تھا۔ محترم استاد نے اس کا مطلب ایک شخص اور بقول شخصے کا ”ایک شخص کے قول کے مطابق“ بتایا تھا لیکن جیسے جیسے میرا تعلیمی سلسلہ آگے بڑھتا گیا، اس لفظ کے معنی و مفہوم میں تبدیلیاں ہوتی گئیں۔ یہاں تک کہ جب میں یونیورسٹی میں پڑھنے لگا تو میں اس لفظ کے تعلق سے کنفیوز  ہو گیا ۔ سوچا، استاد محترم سے پوچھوں مگر ہمت نہ ہوتی تھی۔ ڈر اس بات کا تھا کہ اگر حضور جواب میں” اس کا مطلب نہیں جانتے؟“ کہہ بیٹھیں گے توپھر بڑی شرمندگی ہوگی ۔ بہر حال وقت گذرتا گیا۔ ہمارے استاد محترم پروفیسر دانشمند کلاس روم میں اکثر لکچر کے دوران” بقول شخصے“ کہا کرتے تھے بلکہ شاید ہی کبھی انھوں نے کسی نام کے حوالے سے کوئی بات کہی ہو۔ ایک مرتبہ میں نے اپنے ایک ہم جماعت دوست سے پوچھا تو اس نے تعجب کا اظہار کیا اور کہا کہ” افسوس تم شخصے کو نہیں جانتے؟ وہ روس میں پیدا ہوئے تھے اور ترقی پسند تحریک کے علم بردار تھے۔ کارل مارکس، لینن، سجاد ظہیر کے بعد انھیں کا نام لیا جاتا ہے۔ کیا تم کو کلاس میں سر نے کبھی نہیں بتایا!“

    چونکہ میں اس وقت نیا نیا ادب میں داخل ہوا تھا ،اس لیے میں نے اپنے دوست سے کوئی بحث نہیں کی۔ ابھی چند لمحے  ہی گزرے تھے کہ استاد محترم ہمارے پاس سے گذرے ۔ ہم دونوں نے نہایت ادب سے ان کو سلام کیا۔ انھوں نے نہایت خندہ پیشانی سے جواب دیا اور پوچھا آپ دونوں کس بات پر بحث کر رہے تھے؟ ہم نے اپنی بات ان کے سامنے رکھی ، آں جناب نے فرمایا شخصے کسی شخصیت کا نام نہیں بلکہ کوئی شخص یا ایک شخص کو کہتے ہیں چونکہ ہم لوگ اب کل یگ میں پہنچ چکے ہیں، اس لیے ہماری یادداشت بہت کمزور ہو گئی ہے۔ اب کسی ادیب، شاعر یا دانشور کا نام یاد نہیں رہتا، اس لیے شخصے سے ہی کام چلاتے ہیں۔ دوسری بات یہ ہے کہ تم لوگ زیادہ سے زیادہ وقت مطالعے میں صرف کیا کرو۔ مجھے آج تک اس بات کا غم ہے کہ ہموم و غموم نے مجھے مطالعے کا وقت نہیں دیا ۔ البتہ جب سے ہم نے لکچر رشپ جوائن کی ہے، کبھی بھی اپنے فرائض سے کوتا ہی نہیں کی۔ تم لوگ جہد مسلسل کرتے رہنا اور اچھی تدبیر اختیار کرنا کیوں کہ تمھاری تدبیر ہی تمھاری تقدیر ہے۔ کیوں کہ  بقول شخصے :

    تو مسلماں ہے تو تقدیر ہے تدبیرتری

    نیز بقول شخصے ؎

    مسلسل کاوشوں سے ہی بناکرتی ہیں  تقدیریں

    جو تھک کر بیٹھ جاتے ہیں انہیں  منزل نہیں ملتی

    ہم لوگوں نے استاد محترم کی باتیں نہایت غور سے سنیں ۔ استاد محترم اکثر اپنی بات کسی نہ کسی شعر پر ختم کرتے تھے لیکن شاعر کا نام کبھی نہیں بتاتے تھے۔ ایک مرتبہ جناب عالی طلبہ کو نصیحت کر رہے تھے، درمیان میں فرمایا کہ فی زمانہ لوگ شریف و مہذب انسانوں کی قدر نہیں کرتے نیز انھیں طرح طرح کی اذیتیں بھی پہنچاتے رہتے ہیں۔ اگر چہ مرنے کے بعد تعریفوں کے ایسے پل باندھیں گے کہ گویا مرنے والا انسان نہیں بلکہ فرشتہ تھا۔ بقول شخصے ؎

    موت اس کی ہے کرے جس کا زمانہ افسوس

    یوں تو دنیا میں سبھی آئے ہیں مرنے کے لیے

    اور اسی طرح بقول شخصے ؎

    عمر بھر سنگ زنی کرتے رہے اہل وطن

    یہ الگ بات ہے کہ دفنائیں گے اعزاز کے ساتھ

    بہر حال ہم لوگوں نے استاد محترم سے بہت کچھ سیکھا اگر چہ اب مرحوم ہو چکے ہیں اللہ انھیں جنت الفردوس میں خاص جگہ عطا فرمائے کیوں کہ  بقول شخصے ـ:

    ”خدا بخشے بہت سی خوبیاں تھیں مرنے والے میں“

    ان کی ایک خوبی یہ بھی تھی کہ وہ نہایت شفقت سے پیش آتے تھے۔ وہ ڈاکٹر نہیں تھے۔ غم روزگار نے انھیں پی ایچ ڈی کرنے کا موقع ہی نہیں دیا تھا۔ صرف ایم اے کی ڈگری کی بنیاد پر لکچرر ہو گئے تھے۔ وہ ہم لوگوں سے اکثر کہا کرتے تھے تم لوگ ریسرچ کی وادی میں جب قدم رکھنا تو صبر اور تحمل کی صفت پہلے اپنے اندر پیدا کر لینا کیوں کہ  تحقیق کے مراحل بڑے صبر آزما ہوتے ہیں۔ مزید یہ بھی کہتے تھے کہ موجودہ دور میں جنھوں نے پی ایچ ڈی کی ڈگری لے رکھی ہے اور زبان و ادب کا گہرائی و گیرائی سے مطالعہ نہیں کیا ہے، وہ بڑی حسرت و یاس کی زندگی گزار رہے ہیں۔ ان کی اس قابل عبرت زندگی کو دیکھ کرنئی نسل روزانہ پی ایچ ڈی سے بچنے کی دعا کرتی ہے بقول شخصے ؎

    میرے اللہ پی ایچ ڈی سے بچانا مجھ کو

    بعدبی اے کے تجارت پہ لگانا مجھ کو

    ابھی چند روز پہلے کی بات ہے، راقم کے ایک دوست کے بھائی جو ملک کی ایک مایہ ناز یو نیورسٹی سے اردو میں پی ایچ ڈی کر چکے ہیں، حالات سے مجبور ہو کر دہلی کے ایک مشہور یونانی دواخانہ میں بسلسلۂ ملازمت گئے۔ دواخانے کے مالک نے صاف صاف کہا کہ” بھئی! آپ کے لئے تو کوئی مناسب جگہ ہمارے یہاں نہیں ہے۔“ اس پر انھوں نے کہا کہ” ارے بھئی کوئی غیر مناسب جگہ ہی دے دیجئے ۔ میں تو ڈیلیوری بوائے کے طور پربھی کام کرنے کو تیار ہوں ۔“

    ” نہیں بھئی اگر آپ پی ایچ ڈی نہ ہوتے تو میں ضرور رکھ لیتا ۔“ انھوں نے سنجیدگی سے جواب دیا۔ بے چارے مایوس ہو کر لوٹ آئے ۔ بقول شخصے؎

    صرف اپنوں کے تقرر کا ارادہ ہوگا

    اور اخبار میں اعلانِ ضرورت دیں گے

    پھر اگلے دن ایک اور صاحب ملازمت کے سلسلے میں مشورہ کے لیے آئے۔ رسمی تعارف کے بعد ہم نے پوچھا کہ آپ نے کہاں سے تعلیم حاصل کی ہے؟ کہنے لگے ہائی اسکول بھکاری داس سکنڈری اسکول سے،انٹر میڈیٹ دولت رام انٹر کالج سے، بی اے لچھمی دیوی ڈگری کالج سے اور ایم اے، ایم فل، پی ایچ ڈی ، دہلی کی ایک معروف یونیورسٹی سے کیا ہے۔ میں نے پوچھا کہ ایم فل کے مقالے کا موضوع کیا تھا کہنے لگے ”اردو افسانوں میں عورتوں کے مخصوص مسائل کا تنقیدی تجزیہ( منٹو کے افسانوں کی روشنی میں)“۔ میں نے کہا واہ، شاباش !پھر تو آپ نے منٹو کے افسانوں کے تمام مجموعوں کا بطور خاص مطالعہ کیا ہوگا؟ انھوں نے کہا، نہیں! بلکہ ہر مجموعے سے ایک دو افسانےکو چن کر پڑھ لیتا تھا اور کام چل جاتا تھا۔ البتہ کالی شلوار ، ٹھنڈا گوشت، ہتک ، اوپر نیچے درمیان، وغیرہ ہم نے کئی بار پڑھے ہیں۔ میں نے اپنی ہنسی پوری طاقت سے روکی کیوں کہ  جناب روزگار نہ ملنے کی وجہ سے نہایت غمگین تھے۔ مجبوراَہم نے گفتگو کا موضوع تیزی سے بدل دیا اور اسی وقت ایک پبلشر سے بات کی اور پتہ لکھ کر انھیں دیتے ہوئے کہاکہ آپ وہاں چلے جائیں اور پروف ریڈنگ کا کام شروع کر دیں۔ وہاں سے زیادہ تر ادبی کتابیں شائع ہوتی ہیں۔ ادبی مسودات کی تصحیح کرنے سے آپ کو بہت فائدہ ہوگا۔ اسی کے ساتھ آپ یو نیورسٹی وغیرہ میں درخواست دیتے رہیں اور کچھ وقت نکال کر گھر پر بھی مطالعہ جاری رکھیں۔ یقیناََ اللہ پاک آپ کی مدد فرمائے گا۔کیوں کہ  بقول شخصے ؎

    بے کار مباش کچھ کیا کر

    کپڑے ہی ادھیڑ کر سیا کر

    مگر جناب اپنی ڈاکٹری کے زعم میں پروف ریڈنگ کے کاکام کو اپنے معیار کا نہ سمجھ کر پبلشر دوست کے یہاں جانے سے کترانے لگے۔ ہم نے جب بہت ضد کی تو کہنے لگے میری آج طبیعت ناساز سی لگ رہی ہے، ڈاکٹر کے پاس جانا چاہتا ہوں۔ یہ کہہ کر گھر سے نکلے مگر کس ڈاکٹر کے پاس جانا ہے، یہ تو پتہ نہیں تھا۔ سامنے جس ڈاکٹر کی کلینک نظر آئی ، داخل ہو گئے۔ ڈاکٹر نے پوچھا، کہیے میں کیسے آپ کی مدد کر سکتا ہوں؟ فرمانے لگے، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ڈاکٹر نے تو کبھی اتنے پیار سے بات نہیں کی تھی، کیا آپ سچ میں ڈاکٹر ہیں؟ کہا ، جی میں ڈاکٹر ہوں اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائیکالوجیکل ریسرچ، پونے سے نفسیات میں پی ایچ ڈی کی ہے۔ آپ بتائیں، کیسے آنا ہوا آپ کا؟ یہ سن کر ہمارے ڈاکٹر صاحب کی باچھیں کھل گئیں، وہ منٹو کی پوری کائنات سے ان کو متعارف کرانے پر آمادہ ہو گئے۔ اور ”بقول شخصے “کے سہارے منٹو کی نفسیات کوان کے سامنے پیش کرنے پر تُل گئے۔لیکن ڈاکٹر، ان کی فلسفیانہ باتوں کےتحمل پر تیار نہیں تھا۔ آغاز میں تو اس نے ان کی بیماری پکڑنے کے لیے غور سے سنا لیکن” بقول شخصے“ کی گردان نے اس کے دماغ کے تار کو ہلانا شروع کر دیا۔ جب تک وہ اس کشمکش سے خود کو باہر نکالتا، ہمارے ڈاکٹر صاحب نےمنٹو کے افسانے” کھول دو“ کا نفسیاتی مطالعہ پیش کر تے ہوئے کہا کہ افسانے کی مرکزی کردار ”سکینہ“ کا باپ اس کی حالت دیکھ کر شرم سے پانی پانی تو ہوگیا تھا لیکن بقول شخصے وہ خود بھی پچھلے فساد میں فسادیوں کے ساتھ تھا۔ ان کا اس طرح ادھوری نفسیات کے مطالعے کو دیکھ کر ڈاکٹر نے معذرت کرتے ہوئے ہاتھ جوڑ لیا کہ معاف فرمائیں جناب، آپ کا علاج یہاں نہیں ہو سکتا۔ کیوں کہ  ”بقول شخصے، جو اپنی نہیں سنتا، وہ کسی کی بھی نہیں سنتا ۔“ ڈاکٹر کی زبان سے ”بقول شخصے“ سن کر وہ شرم سے پانی پانی ہو گیااور تھک ہار کر پبلشر کے آفس کے راستے کی طرف چل نکلا۔

     

  • ناشر کا خط

    ناشر کا خط

    قارئین کرام

    سلام مسنون

    دسمبر کے اوائل میں مشرق وسطی میں ایک اہم تاریخی موڑ اس وقت آیا جب اچانک دنیا کو پتہ چلا کہ شام میں 53 سالہ دور استبداد کا خاتمہ ہوگیا اور شامی حکمران بشار الاسد جنہوں نے اپنے باپ حافظ الاسد کے مرنے کے بعد اقتدار سنبھالا تھا بغاوت کی تاب نہ لاسکے اور راہ فرار اختیار کی۔ اس طرح 15مارچ 2011  میں بہار عرب کی جو چنگاری اٹھی تھی بالآخر  دسمبر 2024 میں اپنے حتمی انجام کو پہنچی۔ اس جبر و استبداد کی خونچکان داستانیں تو  پہلے بھی چھن چھن کر دنیا کے سامنے آرہی تھی لیکن اب جو پردہ ہٹا تو دنیا کو پہلی بار معلوم ہوا کہ یہ انقلاب کتنا خون آشام تھا۔ ظلم وجبر کتنی ہولناک داستانیں اس کے اندر پنہاں تھیں۔ مصدقہ اطلاعات کے مطابق اس درمیاں  تقریبا 6 لاکھ 18 ہزار افراد لقمہ اجل بن گئے، جن میں عام شہریوں کی تعداد تقریبا دو لاکھ 19 ہزار ہے۔ ملک کے اندر تقریبا  60 لاکھ پچاس ہزار افراد کو دربدر ہونا پڑا اور تقریبا 60 لاکھ ساٹھ ہزار افراد دنیا کے دوسرے ملکوں میں ہجرت پر مجبور ہوئے۔ بشار الاسد کے ہٹنے کے بعد تہہ خانوں پر مشتمل خفیہ جیلوں سے جو سینکڑوں لوگ برآمد ہورہے ہیں، ان میں سے کسی نے 40سال بعد اور کسی نے 30 سال بعد سورج کی روشنی دیکھی اور کئی کے توصرف ڈھانچے ہی ملے۔ ڈاکٹر غطریف شہباز ندوی نے سرورق کی کہانی“ شامی انقلاب اور بدلتا مشرق وسطی میں بہت تفصیل سے شام کی تاریخ اور کرب و الم کی داستان پر پڑے دبیز پردے کو ہٹایا ہے۔ ماضی اور حال میں شام کو کن بیرونی ممالک کی چیرہ دستیون کا سامنا کرنا اس کی تفصیل بھی بہت دردناک ہے۔ شام کے انقلاب کا فلسطیں کے مظلومین پر کیا اثر پڑے گا اس کا جائزہ لیا ہے معتصم احمد دلول نے۔

    ہندوستانی مسلمان اس وقت ملکی سیاست کا محور بن گئے ہیں۔ حکمران طبقہ ان کو نشانہ بناکر اور سماج کو دولخت کرکے اپنا ووٹ بینک بنارہا ہے۔ کبھی مسجدوں کے نیچے مندر تلاش کئےجارہے ہیں،  کبھی وقف جائیدادوں کو ہڑپ کرنے کی سازش رچی جارہی ہے تو کبھی نفرت آمیز تقاریر کے ذریعہ سماج میں زہر گھولا جارہا ہے۔ اس سے نہ صرف اکثریت کے ذہن و دماغ کو مسموم کیا جارہا بلکہ عامتہ الناس کی توجہ اصل مسائل سے ہٹائی بھی جارہی ہے۔ دوسری طرف حزب اختلاف بھی حکمران طبقہ کی اس سازش پر یا تو خاموش تماشائی بنا بیٹھا ہے یا پھر روایتی انداز کے دوچار جملے اچھال دیتا ہے۔ سینئر صحافی قاسم سید نے“ مسلمان۔۔ ہندوستانی سیاست کا منظر پس منظر “ میں ان امور کا تفصیل سے جائزہ لیا ہے۔

    کلکتہ ہائی کورٹ نے منڈل کوٹہ کے تحت پس ماندگی کی بنیاد پر مسلم ریزرویشن پھر رد کردیا ہے اور یہ سوال کھڑا کیا ہے کہ مذہب کی بنیاد پر کسی بھی طبقہ کو ریزرویشن نہیں دیا جاسکتا۔ حالانکہ یہ بات ہر کوئی جانتا ہے کہ منڈل کمیشن کی فہرست میں مسلمانوں کی کئی برادریوں کو پس ماندگی کی بنیاد پر شامل کیا گیا ہے۔ اسی طرح بی جے پی کے دور اقتدار میں کرناٹک میں جو 4 فیصد ریزرویشن مسلمانوں کو مل رہا تھا اسے ان سے چھین کر  ہندوؤں کی  دیگر ذاتوں میں تقسیم کردیا گیا ہے۔ یہ معاملات اب سپریم کورٹ میں زیر التوا ہیں۔ نوراللہ جاوید نے مسلم ریزرویشن کے مسئلہ پر کئی بنیادی سوال اٹھائے ہیں اپنے مضمون “ مسلم ریزرویشن پر قانونی بحث“ میں۔

    اس کے علاوہ کئی اہم امور جیسے، سنبھل کی شاہی جامع مسجد کا مسئلہ، ہند۔ بنگل دیش تعلقات، دہلی اسمبلی الیکشن پر اہم قلمکاروں کی تحریریں ملاحظہ فرمائیں۔بابری مسجد انہدام کی برسی سے متعلق سینئر صحافی افتخار گیلانی کی ایک اہم  تحریر“ بابری مسجد جہاں انصاف کو دفن کیا گیا“ بھی ملاحظہ فرمائیں۔

    والسلام

    ناشر

  • ناشر کا خط

    ناشر کا خط

    قارئین کرام

    سلام مسنون

    ڈونالڈ ٹرمپ  نے امریکہ کے صدارتی انتخابات میں جیت حاصل کرلی ہے۔ ان کی پارٹی ریپبلیکن پارٹی دونوں ہی ایوانوں میں بھی اکثریت حاصل کرلی ہے- ٹرمپ کا پچھلا دورصدارت  ان کی نت نئی پالیسیوں کی وجہ سے کافی ہنگا مہ خیز رہا تھا۔ خاص طور پر تارکین وطن کے حوالے سے ان کی پالیسیوں پر مسلسل تنقیدہوتی رہی ہے۔ اپنی انتخابی مہم میں ٹرمپ نے   دعویٰ کیا کہ ان کے دور اقتدار میں امریکہ نے کوئی نئی جنگ نہیں شروع کی، بلکہ جنگوں کو ختم کیا اور جیتنے کے بعد بھی وہ ایسا ہی کریں گے۔ ان کے صدر بننے سے دنیا بالخصوص مشرق وسطیٰ اور ہندوستان پر کیا اثرات منتج ہوں گے، ان تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ سرورق کی کہانی ” ڈونالڈ ٹرمپ-ہم کو ان سے وفا کی ہے امید۔۔” اور ” ڈونالڈ ٹرمپ امریکہ کے صدر منتخب” میں قاسم سید اور ڈاکٹر اسلم عبداللہ نےلیا ہے۔

    علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اقلیتی کردار کا مسئلہ کئی دہائیوں سے ملت اسلامیہ کا ایک اہم ایشو رہا ہے۔ سپریم کورٹ کی سات رکنی بنچ نے اکثریت رائے   سےکسی بھی ادارے کو اقلیتی کردار ملنے کے خطوط طے کردئے ہیں۔ سپریم کورٹ نے اپنے سابقہ فیصلہ عزیز باشا بنام یونین آف انڈیا کو کالعدم قراردیا ہے جس کے مطابق اے ایم یو ایک اقلیتی ادار نہیں تھا۔ البتہ اے ایم یو اقلیتی ادارہ ہے یا نہیں ،اس کا فیصلہ اب سپریم کورٹ کی ایک تین رکنی بنچ کرے گی۔ ابوظفر عادل اعظمی نے اس فیصلہ اور اس سے متعلق امور کا جائزہ لیا ہے۔

    آسام میں شہریت کامسئلہ بہت قدیم ہے۔آسامی اور غیر آسامی کے نام پر یہاں متعدد بار قتل و غارت گری بھی ہوچکی ہے۔جغرافیائی حالات اور غربت کی وجہ سے نقل مکانی عام بات ہے۔ ماضی میں بنگلہ دیش کے قیام کےوقت بھی دونوں طرف سے نقل مکانی ہوئی تھئ۔ یہ معاملہ کہ آسامی شہری کون ہے اور غیر ملکی اور خارجی کون، کافی دنوں سے عدالت میں زیر غور رہا ہے۔ حال ہی میں سپریم کورٹ کا اس ضمن میں فیصلہ آیا ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے اور اس سے پڑنے والے اثرات کا تفصیلی تجزیہ نوراللہ جاوید نے اپنے مضمون” آسام میں شہریت کے سوال پر سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ-امیداور مایوسی کے بادل اب بھی چھائے ہوئے ہیں” میں کیا ہے۔

    فسادات ہمارے ملک میں نئے نہیں ہیں۔ بدقسمتی یہ ہے کہ کئی دہائیوں سے فسادیوں کا طریقہ کار ایک جیسا ہی رہتا ہے اور عموما پولیس اور انتظامیہ شرپسندوں کی ہی پشت پناہی کرتی ہے۔ اکتوبر میں اترپردیش کے ضلع بہرائچ کے ایک قصبہ میں درگا وسرجن کے دوران فساد پھوٹ پڑا۔ شروع دن سے ایسا لگ رہا تھا کہ انتظامیہ اور پولیس فسادیوں کی پشت پناہی کررہی ہے، جس کی تصدیق ایک غیر سرکاری تنظیم کی حالیہ  رپورٹ سے بھی ہوتی ہے۔ مشتاق عامر نے اپنے مضمون ” بہرائچ مسلم مخالف فساد-حقائق اور اسباب” میں اس کا جائزہ لیا ہے۔

    دہلی میں   اب سانس لینا دشوار ہے ۔ آلودگی کی سطح اتنی زیادہ ہے  کہ تعلیمی ادارے بند ہوگئے ہیں، تعمیرات پر پابندی ہے اور بہت ساری کمپنیاں اپنے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی اجازت دے رہی ہیں۔  گرچہ ہر سال دیوالی کے بعد پٹاخوں اور پڑوسی ریاستوں میں فصلوں کے باقی ماندہ زائد حصے کو جلانے سے یہاں آلودگی بڑھ جاتی ہے لیکن اس سال صورت حال کچھ زیادہ ہی خراب ہے۔ سہیل انجم نے  اپنے مضمون ” دہلی دنیا کا سب سے آلودہ شہر” میں اس کا تفصیلی تجزیہ کیا ہے۔

    اس کے علاوہ دیگر موضوعات پر بھی مضامین اس شمارے کا حصہ ہیں۔ اس شمارے پر آپ کے تاثرات کا انتظار رہے گا-

     

    والسلام

    ناشر

  • اے ایم یو پر سپریم کورٹ کا فیصلہ

    اے ایم یو پر سپریم کورٹ کا فیصلہ

    سپریم کورٹ کی سات رکنی آئینی بنچ نے بالآخر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اقلیتی کردار کے معاملہ پر اپنا فیصلہ سنا دیا۔ اس معاملہ کی سماعت فروری میں مکمل ہوچکی تھی اور فیصلہ محفوظ کرلیا گیا تھا۔ چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندر چوڑ نے اپنی مدت کارکردگی کے آخر دن اس پر فیصلہ سنایا۔ فیصلے کا مختلف جہتوں سے تجزیہ ہورہا ہے۔ اس فیصلہ سے جہاں لوگوں میں یک گونہ خوشی ہے، وہیں یہ سوال بھی اٹھایا جارہا ہے کہ آخر سات ججوں والی بنچ کی کون سی مجبوری تھی کی اس نے پورا فیصلہ نہ دے کر معاملہ کو تین رکنی بنچ کے پاس بھیج دیا۔ یعنی اے ایم یو ایک اقلیتی ادارہ ہے یا نہیں یہ ابھی واضح نہیں ہے۔اس کے لیے ایک اور قانونی لڑائی باقی ہے۔اب اس کا فیصلہ سپریم کورٹ کی تین رکنی بنچ کرے گی۔

    معاملہ کیا ہے؟

    یہ معاملہ اس سوال سے شروع ہوتا ہے کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ایک اقلیتی ادارہ ہے یا نہیں۔ واضح رہے کہ آئین ہند کی دفعہ (1)30 میں اقلیتوں کو اپنے ادارے قائم کرنے اور چلانے کی اجازت دی گئی ہے اور آئین ہند کی دفعہ۔۔ میں واضح طور پر یہ درج ہے کہ حکومت اقلیتی ادارہ ہونے کی وجہ سے سرکاری فنڈ اور دیگر مراعات دینے میں کسی لیت ولعل یا تعصب سے کام نہیں لے گی۔ اقلیتی اداروں میں اقلیتوں کو 50 فیصد ریزرویشن ملتا ہے اور ان میں عام ایس سی ، ایس ٹی اور او بی سی ریزرویشن کا نفاذ نہیں ہوتا۔

    یہ حقیقت جگ ظاہر ہے کہ اے ایم یو کا قیام سرسید احمد خان کی کوششوں کا ثمرہ ہے۔ انہوں نے مسلمانان ہند کی جدید تعلیمی میدان میں سبقت کے لیے جدوجہد کی اور 1857میں اے ایم یو کا پیش رو محمڈن اینگلو اورینٹل کالج  وجود میں آیا۔ سرسید کی تحریروں، تقریروں اور خط و کتابت سے یہ بات واضح ہے کہ ان کے پیش نظر مسلم قوم کی جدید تعلیم کے حوالے سے پس ماندگی کو دور کرنا تھا۔ اس کا قطعی مطلب یہ نہیں تھا کہ غیرمسلم طلبہ کے لیےاس کالج/یونیورسٹی کے دروازے بند ہوں گے۔ سرسید کا خواب تھا کہ یہ کالج ترقی کرکے یونیورسٹی  بن جائے اور اس کا اظہار بھی تاریخی دستاویز سے ثابت ہے۔ 1920 میں برطانوی حکومت نے پارلیمنٹ کے ذریعہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ایکٹ  بناکراس کالج کو یونیورسٹی بنادیا۔ تب سے 1950 تک یعنی جب آئین ہند بن کر نافذ ہوا، علی گڑھ میں مذہبی تعلیم ضروری تھی اور اس کی انتظامی کمیٹیوں میں شامل ہونے کے لیے مسلمان ہونا شرط تھی۔ 1951 میں اس میں ترمیم کی گئی اور مذہبی تعلیم کو اختیاری  کردیا گیا اور انتظامی کمیٹیوں میں مسلمان ہونے کی شرط کو ختم کردیا گیا۔

    اے ایم یو کے اقلیتی کردار کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔ سپریم کورٹ کی پانچ ججوں کی بنچ نے1967  میں اس کیس (عزیز باشا بنام یونین آف انڈیا) میں فیصلہ دیا ہے کہ اے ایم یو کوئی اقلیتی ادارہ نہیں ہے کیوں کہ اس کا قیام کسی اقلیتی فرقہ کے فرد نے نہیں بلکہ 1920 میں پارلیمنٹ کے ایک قانون کے ذریعہ کیا گیا ہے۔ اس کے انتظامی امور میں مسلمانوں کے علاوہ اور لوگ بھی تھے۔ اس فیصلہ سے علیگ برادری سمیت مسلمانان ہند میں بڑی بے چینی پھیل گئی۔

    1981 میں اس وقت کی وزیر اعظم اندراگاندھی نے پارلیمنٹ کے ذریعہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ایکٹ کو ترمیم کرکے اس فیصلہ کو منسوخ کردیا۔ لیکن اس ترمیم شدہ قانون میں ایسے سقم موجود تھے جس کی وجہ سے قانونی مسائل پیش آتے رہے۔  اور یہی وجہ ہے کہ جب 2005 میں اے ایم نے کئی پروفیشنل کورسس میں 50فیصد مسلم ریزویشن کو نافذ کیا تو الہ آباد ہائی کورٹ نے   2006 میں عزیز باشا کیس کا حوالہ دیتے ہوئے اور مذکورہ ترمیم شدہ قانون میں کمیوں کو اجاگر کرتے ہوئے اس ریزرویشن کو غلط قرار دیا ۔ ہائی کورٹ کے فیصلہ  کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔ سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے فیصلہ پر حکم امتناع عائد کیا اور تب سے یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التوا تھا۔ 2014 میں بی جے پی کے برسر اقتدار آنے کے بعد کیس میں تھوڑی تیزی آئی۔ اس سے قبل مرکزی حکومت کا بھی کم وبیش سپریم کورٹ میں یہی موقف تھا کہ اے ایم یو ایک اقلیتی ادارہ ہے لیکن 2014 کے بعد مرکزی حکومت کے رخ میں تبدیلی دیکھنے کو ملی۔ 2019 میں سپریم کورٹ نے معاملے کو سات رکنی بنچ کے پاس بھیج دیا، کیوں کہ اس سے قبل 1967 میں سپریم کورٹ کی پانچ رکنی بنچ اس معاملہ کو سن چکی تھی لہذ ا اس پر کوئی فیصلہ ساتھ رکنی ججوں سے کم والی بنچ نہیں لے سکتی تھی۔ اس سال فروری میں سپریم کورٹ میں تمام پارٹیوں کے دلائل مکمل ہوگئے اور سپریم کورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جو 8 نومبر کوسنایاگیا۔

    فیصلہ کیا ہے؟

    چیف جسٹس ڈی وائی  چندر چوڑ کی سربراہی والی اس بنچ میں چار ججوں نے ایک فیصلہ لکھا ہے اور بقیہ تین ججوں نےاس سے جزوی یا کلی اختلاف کرتے ہوئے اپنے فیصلے الگ سے لکھے ہیں۔ اکثریتی فیصلہ میں عزیز باشا والے سپریم کورٹ کے 1967 کے فیصلےکو کالعدم قرار دیا گیا۔ یعنی یہ بات صحیح نہیں ہے کہ اے ایم یو ایک اقلیتی ادارہ نہیں ہے۔ فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ اب تین ججوں پر مشتمل ایک ریگولر بنچ یہ جائزہ لے گی کہ کیا اے ایم یو ایک اقلیتی ادارہ ہے؟  لیکن اس فیصلہ میں یہ واضح طور پر طے کردیا گیا ہے کہ تین رکنی بنچ کو کن نکات پر چانچ پڑتال اور بحث وتمحیص کے بعد فیصلہ کرنا ہوگا۔اور یہ نکات صرف اے ایم یو کے ہی لیے نہیں بلکہ دوسرے تمام اقلیتی اداروں پر نافذ ہوں گے۔ وہ نکات ہیں؛

    سب سے پہلےیہ دیکھا جانا چاہیے کہ کیا مذکورہ تعلیمی ادارہ کے قیام کا خیال اقلیتی فرقہ کے کسی فرد کو آیا۔ د وسرے یہ کہ وہ تعلیمی ادارہ بنیادی طور پر اقلیتی فرقہ کے فائدے کےلیے قائم کیا گیا ہو اور تیسرے اس خیال اور آئیڈیا پر اقلیتی فرقہ کے فرد یا افراد کارفرماہوں۔

    مذکورہ تعلیمی ادارے کےانتظامی ڈھانچہ سے بھی یہ واضح ہو کہ وہ ایک اقلیتی تعلیمی ادارہ ہے اور اقلیتی فرقہ کے مفادات کے تحفظ کے لیے قائم کیا گیاہے۔

    عزیز باشا کیس میں سپریم کورٹ کی پانچ رکنی بنچ  نے یہ کہا تھا کہ چوں کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا قیام 1920 میں پارلیمنٹ کے قانون کےتحت ہوا تھا اس لیے وہ اقلیتی ادارہ نہیں ہے۔ موجودہ فیصلہ نے اس رائے کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ پورے معاملے کو شروع سے دیکھا جانا چاہیے ۔

    سوال یہ ہے کہ اس آئینی بنچ نے صرف اصول بنانے پر اکتفا کیوں کیا۔ کیوں نہ ان اصولوں کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ بھی کردیا کہ آیا اے ایم یو ایک اقلیتی ادارہ ہے یا نہیں۔ اس سوال کے جواب میں بعض قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئینی بنچ عام طور پر کسی مسئلہ کے حوالے سے آئین کی تشریح کرتی ہے اور اصول مرتب کرتی ہے نہ کہ فیصلہ۔ گوکہ فیصلہ کرنا اس کے اختیار میں ہے۔ البتہ بعض حلقوں سے اس بابت تشویش کابھی اظہار کیا جارہا ہے کہ اتنی لمبی قانونی لڑائی کے بعد بھی کیوں یہ طے نہیں ہوپایا کہ اے ایم یو اقلیتی ادارہ ہے یا نہیں۔

    بہر حال اب دیر سویر یہ معاملہ تین ججوں کی بنچ کے سامنے پیش ہوگا۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی انتطامیہ  اور وہ تمام لوگ مبارک باد کے مستحق ہیں جنہوں نے اس کیس کی مضبوطی سے پیروی کی اور ناقابل تردید شواہد عدالت کے سامنے پیش کیے۔ گوکہ سپریم کورٹ کی طرف سے ابھی پوری راحت نہیں مل پائی ہے لیکن جو فیصلہ آیا ہے وہ یونیورسٹی اور پوری قوم کے مفاد میں ہی کہا جائے گا۔ لیکن ابھی لڑائی باقی ہے۔ بقیہ قانونی لڑائی کو اور بہتر طریقہ سے لڑنے کے لیے اس فیصلہ کا باریک بینی سے مطالعہ ہونا ضروری ہے ۔ بقیہ تین جج جنہوں نے اکثریتی فیصلہ سے اختلاف کیا ہے، ان کے فیصلہ کا بھی جائزہ لے کر پوری مضبوطی سے اللہ پر توکل کرتے ہوئے نئی بنچ کے سامنے اپنے موقف کو رکھنا چاہئے۔

    امرواقعہ یہ ہے کہ اے ایم یو صرف ایک تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ تہذیب کا گہوارہ بھی ہے جس کی ایک زریں اور تابناک تاریخ ہے۔ ڈیڑھ صدی  سے زائد عرصہ میں اس نے لاکھوں تشنگان علم کو سیراب کیا ہے۔ مسلمانان ہندو پاک کو یہاں سے متعدد اسکالرز، فلسفی، شاعر، دانشور اور لیڈر ملے ہیں، جنہوں نے زندگی کے مختلف میدانوں میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے ہیں۔ شمالی ہندوستان کا شاید ہی کوئی ایسا گاؤں یا قصبہ ہو، جہاں معتد بہ تعداد میں مسلمان آباد ہوں اور وہاں کوئی اے ایم یو کا فارغ التحصیل نہ ہو۔ سرسید نے مسلم قوم کو جدید تعلیم سے آراستہ کرکے اس کی پسماندگی دور کرنے کا خواب دیکھا تھا۔ اس کے لیے انہوں نے انتھک جدوجہد کی اور وہ اپنی اس جدوجہد میں کامیاب بھی رہے۔ لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اے ایم یو اور اس کے فارغین میں وہ رمق باقی نہیں رہی جو کبھی اس کا حصہ تھی۔ مسلمانان ہند کا اے ایم یو سے   ایک جذباتی رشتہ  ہے اور ان کوتوقع ہے کہ ان کے علمی، تعلیمی ، ثقافتی ، معاشی اور سیاسی مسائل کے تصفیہ میں  اے ایم یو اور اس کے فارغین  نہ صرف دلچسپی لیں بلکہ عملا کوشش بھی کریں اور ان کی یہ توقع بجا بھی  ہے۔ گوکہ ابھی بھی مختلف سطح پر کوششوں ہورہی ہیں جن کو یکسر نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ۔ لیکن مسائل کےانبوہ کے سامنے یہ کوششیں ناکافی ہیں۔  امید ہے کہ اس فیصلہ کے بعد آگے کی قانونی لڑائی کے ساتھ اے ایم یو اور علیگ برادری اپنے فرض منصبی کے حوالے سے نئے سرے سے  جائزہ لے گی اور تازہ دم ہوکر اپنے مشن کو آگے بڑھائے گی۔

  • مہاراشٹر الیکشن : باغی امیدوار سیاسی پارٹیوں کا کھیل بگاڑسکتے ہیں

    مہاراشٹر الیکشن : باغی امیدوار سیاسی پارٹیوں کا کھیل بگاڑسکتے ہیں

    مہاراشٹر اسمبلی الیکشن میں باغی امید وار سیاسی پارٹیوں کا کھیل بگاڑ سکتے ہیں تو نظر انداز کئے جانے کے سبب مسلمانوں میں مایوسی بھی اپنا اثر دکھا سکتی ہے ۔حالیہ الیکشن 2024 کا آخری الیکشن ہے جس میں جھارکھنڈ اور مہاراشٹر میں ریاستی اسمبلی کے انتخابات ہوں گے جھارکھنڈ اسمبلی کے الیکشن دو مرحلوں 13 ؍ اور 20؍ کو ہوں گے جب کہ  مہاراشٹر میں ایک ہی مرحلہ میں 20؍ نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور 23 ؍ نومبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا ۔ مہاراشٹر میں انتخاب کافی دلچسپ اور کثیر رخی ہوگا ۔ اس انتخابی دنگل میں ان مسائل کی جانب زیادہ توجہ دی جارہی ہے جو مسائل ہیں ہی نہیں اور جو اہم عوامی مسائل ہیں اس پر  فی الحال گفتگو نہیں ہورہی ہے ۔ ہوسکتا ہے کہ اس جانب نامزدگی کے ہنگاموں کے سبب توجہ نہیں ہو رہی ہو ۔ کیوں کہ  این ڈی اے ہو یا انڈیا اتحاد دونوں طرف باغیوں نے سیاستداں اور سیاسی پارٹیوں کے چھکے چھڑا رکھے ہیں اور دونوں جانب سے یہ کہا جارہا ہے کہ 4؍ نومبر تک جو کہ نام واپس لینے کی آخری تاریخ ہے، معاملہ سلجھا لیا جائے گا یعنی باغیوں کو منا لیا جائے گا ۔ بہر حال اگر باغیوں کا معاملہ حل نہیں کیا جاسکا تو دونوں سیاسی اتحادیوں کو بڑا نقصان ہوگا اور وہ اپنی ہار یا ہونے والے نقصان کا ٹھیکرا باغیوں کے ہی سر پھوڑیں گے ۔ اس طرح وہ اپنی شکست کی اہم وجہ بتانے کی شرمندگی سے ضرور محفوظ رہیں گے ۔ ہر انتخابی دنگل کے بعد نقصان اٹھانے والی سیاسی جماعت کہتی ہے کہ وہ حالات کا تجزیہ کرے گی کہ اسے یہ دن کیوں دیکھنا پڑا لیکن شاید وہ وجہ کبھی اس کی جانب سے قبول نہیں کی جاتی جو اصل ہوتی ہے ۔

    واضح رہے کہ بی جے پی اور اس کی حلیف پارٹیوں کو لوک سبھا انتخاب میں ہونے والے نقصان نے پریشان کردیا تھا اور بی جے پی جہاں اپنے ڈی این اے میں موجود فرقہ واریت کے سبب مسلمانوں کے خلاف منافرت کی آبیاری میں زیر زمین مصروف ہوگئی تاکہ زیادہ سے زیادہ ہندو ووٹوںکا ارتکاز ہو اور اس کی ریاستی اسمبلی کی راہ آسان ہوجائے وہیں اس حکومت نے ریوڑیوں کی تقسیم میں بھی بڑی فراخدلی کا مظاہرہ کیا اور لاڈلی بہن منصوبہ کے تحت خواتین کو پندرہ سو روپئے ماہانہ دینے کی شروعات کی ۔ اس میں شندے حکومت نے ایسی تیزی دکھائی کہ اسے کابینہ سے پاس کرواکر فوری طور سے نافذ بھی کردیا ۔شندے حکومت کے اس منصوبہ سے اپوزیشن انڈیا اتحاد شش و پنج میں ہے ۔ کئی صحافیوں جو زمینی حقیقت سے واقف ہیں کا کہنا ہے کہ لاڈلی بہن منصوبہ کچھ نہ کچھ اثر دکھائے گا ۔ ان  کا ماننا ہے کہ کم از کم ایک فیصد ووٹ تو ضرور این ڈی اے یعنی شندے حکومت اور ان کے اتحادیوں کے خیمے میں جائے گا ۔ایک فیصد ووٹ بھی کافی اہمیت رکھتا ہے ،حالانکہ بادی النظر میں ایسا نہیں ہے کہ محض اس ایک منصوبہ سے ووٹروں کا سوچنے کا نظریہ تبدیل ہوجائے ۔

    الیکشن کے ہنگاموں میں یہ بتاپانا تو دشوار ہے کہ کس اتحاد کی جانب عوام کا جھکاو زیادہ ہوگا ۔ یہاں اصلی اور نقلی شیو سینا اور این سی پی کا معاملہ اب بھی زیر بحث ہے گرچہ اس کی تمازت میں کمی آئی ہے ۔بی جے پی جہاں زیر زمین نفرت کی آبیاری جیسے اپنے پرانے ہتھکنڈے پر مسلسل کام کررہی ہے تو وہیں اس کی حلیف شیوسینا شندے اور این سی پی اجیت دادا پوار عوام میں بانٹی گئی ریوڑیوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں ۔دوسری جانب جرانگے پاٹل جن کی جڑیں مراٹھوں میں ریزرویشن کی تحریک کی وجہ سے کافی مضبوط ہوئی ہیں اور ان کی جانب سے بی جے پی اور اس کا خاص چہرہ دیویندر فرنویس کو کھل کر اور واشگاف انداز میں غدار کہنے کی وجہ سے مراٹھوں کو اس سے مزید دور کرنے کا سبب بنے گا ۔ واضح ہو کہ لوک سبھا کے الیکشن کے بعد جرانگے پاٹل نے کئی بار کہا کہ دیویندر فرنویس نے مراٹھوں سے غداری کی ہے اور انہوں نے سازش کرکے مراٹھوں کے ریزرویشن میں رخنہ اندازی کی ہے ۔ ایک اور بات جو قابل ذکر ہے کہ اپوزیشن انڈیا اتحاد کے تعلق سے صحافیوں اور سیاسی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ شرد پوار انڈیا اتحاد میں ایک ایسی شخصیت ہیں جو تنازعات کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور یہ کئی جگہوں پر نظر بھی آیا ۔جیسے سیٹوں کی تقسیم کا معاملہ ہے جسے انہوں نے خوش اسلوبی سے حل کرلیا ۔ یہ شرد پوار کا ہی کمال بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے شیو سینا بی جے پی کی دہائیوں پرانے اتحاد کو توڑ لیا اور اب شیو سینا انڈیا اتحاد کا حصہ ہے ۔

    ان ساری بحثوں سے الگ اگر مہاراشٹر میں کوئی بہت ہی اہم مسئلہ اٹھے گا تو وہ ہے مہاراشٹر سے صنعتوں کی گجرات منتقلی کا۔ کیوں کہ  ایک تقریب میں شرد پوار نے 2014 سے قبل کے ایک واقعہ کا انکشاف کرکے یہ واضح کردیاہےکہ اپوزیشن اسے زور شور سے اٹھائے گا اور یہ عوام کو بی جے پی اور اس کے اتحادیوں سے برگشتہ کرسکتا ہے ۔ شرد پوار نے کہا کہ رتن ٹاٹا طیارہ سازی کا کارخانہ مہاراشٹر کے ناگپور میں لگانا چاہتے تھے ، اس کیلئے زمین کی فراہمی کو بھی نشان زد کرلیا گیا تھا لیکن 2014 میں نریندر مودی کی حکومت بنتے ہی اسے گجرات منتقل کردیا گیا ۔ اس کے علاوہ بھی کئی انڈسٹریز کو گجرات منتقل کیا گیا جس میں ویدانتا فاکسکون پروجیکٹ کافی اہمیت کا حامل ہے ۔ پتہ نہیں لوک سبھا الیکشن میں یہ مسئلہ اپوزیشن سے کیسے چوک گیا۔ہوسکتا ہے کہ لوک سبھا میں اصلی نقلی کا معاملہ زیادہ موضوع بحث تھا۔ عوام نے باغی شیو سینا اور این سی پی کو سبق بھی سکھا دیا اس لئے  اب اپوزیشن نے شعور سے کام لیا تو انڈسٹریز کی منتقلی کا معاملہ کو سیاسی ایشو بننا چاہئے ۔فرقہ وارانہ تخریب کاری کا جواب معیشت کے ذریعہ ہی دیا جاسکتا ہے ۔

    ہر الیکشن میں مسلمان مرکز گفتگو ہوتے ہیں خاص طور سے پارلیمنٹ اور اسمبلی میں مسلم نمائندگی کا مسئلہ زیر بحث آتا ہے لیکن آبادی کے تناسب سے نمائندگی نہیں مل پاتی ۔ لوک سبھا الیکشن کے موقع سے انڈیا اتحاد نے کافی مایوس کیا اس کے باوجود مسلمانوں نے یک طرفہ طور پر انڈیا اتحاد کے حق میں ووٹ کیا اور ان کے ووٹ دینے کے تناسب میں بھی اضافہ ہوا ۔کیوں کہ  ان کے سامنے فسطائی طاقتوں کو شکست دینے کا مسئلہ تھا ۔ کئی دہائیوں سے مسلمانوں نے ملک میں جمہوریت اور سیکولرزم کو بچانے کی ذمہ داری کا بار  اپنے سر لے رکھا ہے ۔’ مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی‘ والا معاملہ ہے کہ انہوں نے جس قدر کوشش کی نتیجہ عام طور پر اس کے الٹ نکلا ۔صرف 2024 کے لوک سبھا الیکشن کا معاملہ  ہی ایسا ہے جہاںمسلمانوں کی کوششوں سے بی جے پی کو تقریبا 60 سیٹوں کا نقصان ہوا ۔ ہم یہاں اس بحث میں نہیں جائیں گے کہ کس پارٹی نے مسلمانوں کو کتنی نمائندگی دی ۔ کہنا صرف اتنا ہی ہے کہ صرف مسلمان ہی سیکولرزم اور جمہوریت کی حفاظت کیلئے قربانی کیوں دے آخر دوسری کمیونٹی اس سلسلے میں آگے کیوں نہیں آتی ؟ کیا فسطائی قوتوں سے صرف مسلمانوں کا نقصان ہے ؟ ملک اور ریاست مہاراشٹر میں اس قوت کے پنپنے سے ہندوؤں کی پسماندہ برادریوں کا زیادہ نقصان ہے ۔انہیں ملنے والے ریزرویشن کو نقصان ہوگا اور ہورہا ہے اس لئے ان کے لیڈر اپنی کمیونٹی کوبتائیں ۔ آخری بات یہ کہ انڈین ایکسپریس نے ایک مسلم سوشل ایکٹیوسٹ کے حوالہ سے یہ رپورٹ کیا ہے کہ نمائندگی کی کمی کے سبب مسلمان ناراض تو ہیں لیکن بہت زیادہ نہیں ۔ یہ ایک غلط فہمی ہے ۔واقعہ یہ ہے کہ نمائندگی کی کمی کے سبب مسلمانوں میں الیکشن کے تعلق سے وہ جوش خروش نہیں ہے جو لوک سبھا کے الیکشن میں نظر آرہا تھا ۔اس کی وجہ سے ریاستی اسمبلی کے اس الیکشن میں  انڈیا اتحاد کو نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہےاور بی جے پی فائدہ ہوسکتا ہے ۔ کیوں کہ  ایم آئی ایم اور ونچت بہوجن اگھاڑی مسلمانوں کو بھرپور  نمائندگی دے رہی ہے ۔

     

  • جھارکھنڈ الیکشن

    جھارکھنڈ الیکشن

    میڈیا کی توجہ گرچہ مہاراشٹرکی سیاسی سرگرمیوں پر مرکوز ہے۔تاہم جھاڑ کھنڈ میں انتخاب جیتنے کے لئے  بی جے پی جو کھیل کھیل رہی ہے اس کے اثرات صرف انتخابات تک ہی محدود نہیں رہیں گے  بلکہ قبائلیوں میں مسلمانوں کے تئیں جو نفرت کے  بیج بوئے جارہے ہیں اس کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں ۔بی جے پی بنگلہ دیش میں ہندوؤں پر ہورہے مبینہ حملوں کی ناراضگی کا پورا  فائدہ جھارکھنڈ انتخابات میں حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما تمام اخلاقی اور  آئینی حدود کا  لحاظ کئے بغیر نفرت انگیز بیانات دے رہے ہیں۔ کانگریس اور جھاڑ کھنڈ مکتی مورچہ کے مسلم لیڈران کے خلاف انتہائی نفرت انگیز بیانات دے جارہے ہیں ۔مسلم علاقوں کو نشانہ بنایا جارہاہے۔ بی جے پی جھارکھنڈ میں  گزشتہ کئی مہینوں سے نہیں بلکہ کئی سالوں سے مسلمانوں کے خلاف نفرت کی آبیاری کررہی ہے۔

    صحافی کونال پروہت نے اپنی کتاب The Secretive World of Hindutva :Pop Stars میں  جھار کھنڈ میں موسیقی کے ذریعہ نفرت انگیز ماحول سازی پر تفصیل سے بات کی ہے۔گرچہ یہ کتاب بھارت میں موسیقی کے ہندوائزیشن پر روشنی ڈالتی ہے تاہم کنال پروہت سفر کا آغاز جھار کھنڈ سے کرتے ہیں اور پھر چونک جاتے ہیں کہ جھارکھنڈ کے دیہی علاقوں میں مسلم مخالف موسیقی کے ذریعہ اکثریتی طبقے کے نوجوانوں میں نہ صرف مسلمانوں کے تئیں نفرت پیدا کی جارہی ہے بلکہ ان کے ذہن و دماغ کو اس قدرمسموم کیا جارہا ہے کہ یہ نوجوان بھارت کے لئے خطرناک بھی بن سکتے ہیں۔

    پانچ ماہ  قبل ہوئے لوک سبھا انتخابات میں قبائلیوں کے لئے محفوظ تمام پانچ سیٹوں پربی جے پی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔جھاڑ کھنڈ میں قبائلیوں کی مجموعی آباد 26 فیصد ہے جس میں 12.52 فیصد قبائلی سارن ازم پر یقین رکھتے ہیں اور 4.31فیصد قبائلی عیسائیت کو ماننے والے ہیں ۔باقی قبائلیوں سے متعلق دعویٰ کیا جارہا ہے کہ وہ ہندوازم پر یقین رکھتے ہیں ۔جھاڑ کھنڈ میں مسلمانوں کی آبادی 14.55 فیصد ہے۔ بی جے پی کو خوف ہے کہ سماجی سطح پر قبائلیوں اور مسلمانوں کا ووٹ اگر متحد ہوگیا تو اس کا اقتدار تک  پہنچنا ناممکن ہوجائے گا ۔اس لئے قبائلیوں کو مسلمانوں کا خوف دلایا جارہا ہے۔ یہاں تک کہ بی جے پی نے جو انتخابی منشور جاری کیا ہے کہ اس میں وعدہ کیا گیا ہے کہ وہ جھارکھنڈ میں یونیفارم سول کوڈ نافذ کرے گی مگر اس سے قبائلی مستثنی ٰ ہوں گے۔ ’’ایک ملک اور ایک قانون ‘‘ کا نعرہ لگانے والوں کی بدنیتی کی اس سے بڑھ کر اور کیا مثال ہوسکتی ہے۔

    بنگلہ دیش کی سرحد آسام،تری پورہ ، مغربی بنگال اور میگھالیہ سے ملتی ہے۔ان ریاستوں میں دراندازی کا ایشو بنایا جاتا رہا ہے۔ مگر بہار اور جھاڑ کھنڈ کی سرحدیں نہیں ملتیں، اس کے باوجود بی جے پی اور ہندوتو تنظیمیں ان دونوں ریاستوں میں دراندازی کو ایشو بنانے کی کوشش کررہی ہے۔ حیرت انگیزبات یہ ہے کہ حال ہی میں قومی کمیشن برائے شیڈول ٹرائب نے جھاڑ کھنڈ میں دراندازی اور قبائلیوں کی آبادی میں کمی پر ایک رپورٹ جمع کی ہے جس میں بنگال کی سرحد سے متصل صاحب گنج کو بنگلہ دیش سے متصل ضلع کےطور پر پیش کیا گیا ہے۔ممکن ہو یہ تکنیکی خرابی ہو دراصل اس سے یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ کمیشن اپنے کام کے تئیں کس قدر سنجیدہ ہے اس کے ساتھ ہی وہ کس قدرجلدبازی کا شکار بھی ہے۔

    جھارکھنڈ کے سنتھال پرگنہ میں مسلمانوں کی آبادی سے متعلق بی جے پی اور ہندتو تنظیمیں کے تین بڑے دعوے ہیں-  پہلا دعویٰ یہ ہے کہ جھاڑ کھنڈ کے سنتھا ل پرگنہ علاقے میں ڈیموگرافی تبدیل ہورہی  ہے اور اس کی بڑی وجہ دراندازی ہے۔ ہیمانتا سورین پر یہ الزام ہے کہ وہ دراندازی روکنے میں سنجیدہ نہیں ہے۔ مگر سوال یہ ہے کہ گزشتہ دس برسوں میں سرحدوں کی حفاظت کرنے کی ذمہ داری کس پر ہے؟۔ جب جھارکھنڈ کے سرحد بنگلہ دیش سے نہیں جڑتی ہے تو پھر درانداز وں کو روکنے کی ذمہ داری سورین پرکیونکر آتی ہے-  دوسرا دعویٰ یہ کیا گیا ہے کہ بڑے پیمانے پر تبدیلی مذہب کے واقعات رونما ہورہے ہیں اور تیسرا  دعویٰ یہ  کیا جارہا ہے کہ قبائلی خواتین سے شادی کرکے قبائلیوں کے لئے مخصوص زمین پر قبضہ کیا جارہا ہے۔

    بی جے پی کا دعویٰ ہے کہ  جھارکھنڈ ریاست کی تشکیل کے بعد سنتھل پرگنہ میں آدیواسیوں کی آبادی میں 16 فیصد کمی آئی ہے اور مسلمانوں کی آبادی میں 13 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ممبر پارلیمنٹ نشی کانت دوبے نے پارلیمنٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ سنتھل پرگنہ میں 2000 میں آدیواسیوں کی آبادی 36 فیصد تھی اور اب یہ گھٹ کر صرف 26 فیصد رہ گئی ہے اور اس کے لئے  بنگلہ دیشی دراندازی (مسلمان)  ذمہ دار ہے۔ یہ تمام دعوے حقیقت سے پرے ہیں۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ زیادہ تر میڈیا بھی حقائق کو جانچے بغیر اس پروپیگنڈے کو پھیلا رہا ہے۔ مردم شماری کے مطابق 1951 میں جھارکھنڈ میں قبائلیوں کی آبادی 36 فیصد تھی اور 1991 میں قبائلی آبادی  27.67فیصد ہوگئی ۔ جب کہ 1991 میں مسلمانوں کی آبادی 12.18 فیصدتھی۔ 2011کی مردم شماری کے مطابق ریاست میں 26.21 قبائلی اور 14.53 فیصدمسلمان تھے۔ سنتھال پرگنہ میں قبائلیوں کا تناسب 2001 میں  29.9فیصدتھا اور 2011 میں 28.11 فیصد ہوگیا۔ بی جے پی کا 16فیصد اور 10 فیصد کم ہونے کا دعویٰ مکمل طور پر غلط ہے-

    قبائلیوں کی آبادی میں نمایاں کمی 1951 اور 1991 کے درمیان واقع ہوئی تھی۔ مگر کمی کی وجہ بنگلہ دیش سے دراندازی نہیں بلکہ بہار، بنگا ل اور اترپردیش سے لوگ بڑے پیمانے پر جھارکھنڈ میں آباد ہوئے تھے۔کیوں کہ کان کنی کی وجہ سے بڑی بڑی کمپنیوں کے یہاں دفاتر کھلنے کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا ۔جھار کھنڈ کی راجدھانی رانچی میں قبائلیوں کی آبادی 1961 میں 53.2 فیصد تھی۔ مگر 1991میں یہ کم ہوکر 43.2 فیصد ہوگئی ۔کیوں کہ اس مدت میں 10.73لاکھ افراد دوسری ریاستوں سے جھار کھنڈ میں آئے اور ان میں سےاکثر  یہیں آباد ہوگئے ۔دوسری طرف قبائلیوں میں تعلیم کی کمی ہے اس لئے جھار کھنڈ میں صنعت کاری سے قبائلی آبادی کو فیض نہیں پہنچا۔ روزگار کے لئے انہیں دوسری ریاستوں میں جانا پڑا۔ چناں چہ 2011کی مردم شماری کے بعد جھارکھنڈ کی قبائلیوں کی ایک تنظیم نے مرکزی وزارت داخلہ کو خط لکھ کر کہا کہ مردم شماری کی رپورٹ میں قبائلیوں کی آبادی میں کمی ظاہر کی گئی ہے جب کہ قبائلیوں کی آبادی 32 فیصد ہے ۔چوں کہ اس وقت فصل کا موسم ہے بڑی تعداد میں قبائلی پنجاب، ہریانہ اور راجستھان میں مزدوری کررہے ہیں ۔مرکزی حکومت کی 2017 کی اقتصادی سروے رپورٹ کے مطابق، ریاست سے 15-59 سال کی عمر کے تقریباً 50 لاکھ افراد نے 2001 سے 2011 کے درمیان نقل مکانی کی تھی۔  1951-91 کے درمیان،قبائلی آبادی کی سالانہ شرح نمو 1.42تھی، جبکہ جھارکھنڈ کی مجموعی طور پر 2.3فیصد ہے۔ناکافی غذائیت، ناکافی صحت کے نظام اور معاشی مجبوریوں کی وجہ سے قبالیوں کی اموات کی شرح دیگر کمیونٹیز کے مقابلے زیادہ ہے۔

    آسا م کے وزیراعلیٰ ہمانت بسوا سرما انتخابی مہم کے دوران قبائلیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کررہے ہیں ۔دراندازی کا سوال آسام سے جھار کھنڈ تک شدت سے اٹھاتے ہیں ۔مگر اس سوال پر بات نہیں کرتے ہیں کہ قبائلیوں کی معاشی حالت خراب کیوں ہے؟ آسام کے چائے باغات میں کام کرنے والے قبائلیوں کو کوئی پوچھنے والا کیوں نہیں ہے۔آسام میں 150سال سے زائد عرصے سے چائے کے باغات میں کام کرنے کے باوجو د انہیں قبائلی کا درجہ نہیں مل سکا ہے۔۔ آدیواسیوں اور آسام کے آبائی قبائل کے درمیان تناؤ بہت واضح ہے۔ خونی بوڈو-سنتھال جھڑپیں بہت عام ہیں – ان میں سے زیادہ تر میں مؤخر الذکر کو بھاری قیمت چکانی پڑی۔

    جھارکھنڈ میں باہری اور مقامی کی لڑائی کوئی نئی نہیں ہے۔ جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے بانی شیبو سورین نے  بہار، اتر پردیش، مغربی بنگال، راجستھان، گجرات وغیرہ سے آکر یہاں آباد ہونے والے ساہوکاروں اور کاروباریوں کے خلاف مہم شروع کی تھی ۔باہر سے آنے والوں میں بڑی تعداد اعلیٰ ذاتوں سے وابستہ  یا مالدار تجارتی برادریوں سے تعلق رکھتی ہے۔ قبائلی ان پر معدنیات سے مالا مال خطے کی غریب اصل آبادی کا استحصال کرنے کا الزام لگاتے ہیں۔سنگھ پریوار کی کوشش ہے کہ کسی بھی طرح آسا م جیسی صورت حال پیدا کی جاسکے تاکہ قبائلیوں اور اور مسلمانوں کے درمیان تشدد کی صورت میں وہ اپنے مفادات کی تکمیل کرسکے۔جھارکھنڈ کے کئی علاقوں میں غیرقبائلی کے لئے زمین کے خرید و فروخت پر پابندی ہے۔قبائلیوں کےلئے مخصوص علاقوں کی زمین پر بڑے بڑے صنعت کاروں کی نظر ہے۔ حالیہ برسوں میں اس قانون کی سب سے زیادہ خلاف ورزی ہوئی ہے۔ بی جے پی دعویٰ کرتی ہے کہ قبائلیوں کی زمین پر مسلمان دھوکہ دہی کے ذریعہ قبضہ کررہے ہیں، وہ لوجہاد کے ذریعہ قبائلی خواتین کے ساتھ شادیاں کرتے ہیں اور پھر زمین خرید لیتے  ہیں ۔تین ماہ قبل ایک قبائلی تنظیم نے سنتھال پرگنہ کے گھروں کا سروے کیا او ر اس کے بعد رپورٹ پیش کی کہ اس علاقے میں لو جہاد یا پھر قبائلیوں کے مسلمان بنانے کی ایسی کوئی کوشش سامنے نہیں آئی ہے۔ قبائلی   اورمسلمانوں کے درمیان شاذ و ناذر ہی شادی ہوتی ہے اور یہ پہلے سے ہوتی آئی ہے۔اسی طرح رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انہیں ایسا کوئی بھی مکان نہیں ملا جہاں کوئی غیر قبائلی آباد ہو ۔خود بی جے پی نے اس قانون کی خلاف ورزی بڑے پیمانے پر کی ہے۔ بی جے پی کی گزشتہ رگھوویرداس حکومت نے اڈانی پاور پلانٹ پروجیکٹ کے لیےقبائلیوں کی زمین کو جبراً ایکوائر کیا تھا ۔اڈانی کو فائدہ پہنچانے کے لئ توانائی پالیسی میں تبدیلی کی گئی اور سنتھال پرگنہ کو اندھیرے میں رکھ کر بنگلہ دیش کو بجلی فراہم کی گئی ۔قبائلیوں سے ہمدردی کا تو دعویٰ ہے مگر جھارکھنڈ حکومت کی طرف سے پاس کردہ سرنا کوڈ، پسماندہ طبقات کے لیے 27 فیصد ریزرویشن اور کھٹیان پر مبنی ڈومیسائل پالیسی پر نہ صرف خاموشی ہے بلکہ اس کو روکنے کی پوری کوشش کی جارہی ہے۔

    دوسری جانب قبائلیوں کو ہندو ثابت کرنے کے لئے  آر ایس ایس گزشتہ کئی سالوں سے محنت کررہی ہے۔اس میں وہ بہت حد تک کامیاب بھی ہوئی ہے۔ قبائلی علاقوں میں آر ایس ایس کی جانب سے ایکلا اسکول کے تحت سیکڑوں کی تعداد میں اسکول قائم کئے جاتے  ہیں اور ان اسکولوں میں نصابی سرگرمیوں سے زیادہ بچوں میں نفرت کی آبیاری کی جارہی ہے۔جھار کھنڈ میں 28سیٹیں قبائلیوں کے لئے مخصوص ہیں اور 9سیٹیں درج فہرست ذاتوں کے لئے باقی 44سیٹیں جنرل ہیں ۔ان غیر محفوظ سیٹیوں کی بنیاد پر بی جے پی کی پوزیشن محفوظ ہے۔مگر بی جے پی کے راستہ کی اصل رکاوٹ ریاست کے 14.5 فیصد مسلم ووٹرس ہیں۔اس لئے ایک طرف قبائیلیوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اوردوسری طرف بنگلہ دیشی دراندازوں کے ایشو کے ذریعہ فرقہ وارانہ پولرائزیشن کی کوشش بھی کی جارہی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی پہلی انتخابی ریلی میں انتہائی متنازع تقریر کرکے فرقہ وارانہ پولرائزیشن کی کوشش کی۔

    جھار کھنڈ مکتی مورچہ کی قیادت میں انڈیا اتحاد کا بی جے پی سے مقابلہ سخت ہے، مگر ہیمنت سورین بھی انتہائی تجربہ کار ہیں،  وہ بی جے پی کے ہرسیاسی چال کا جواب دے رہے ہیں- انہوں نے قبائلی علاقے پر اپنی پکڑ مضبوط بنالی ہے اور انہیں مسلم ووٹوں کا فائد ہ بھی مل رہاہے۔ تاہم کانگریس اور جے ایم ایم کے درمیان تال میل کا فقدان اور بی جے پی کی بوتھ سطح پر پکڑ کا نقصان  انڈیا الائنس کو ہوسکتا ہے۔ تاہم انڈیا اتحاد نے سرنا کوڈ کے نفاذ کا وعدہ کرکے قبائلیوں کا اعتماد جیتنے کی بھر پور کوشش کی ہے اور اسی طرح پانچ گرانٹی کے ذریعہ دیہی علاقوں کے ووٹرس کو لبھانے کی بھی کوشش کی گئی ہے-  اب دیکھنا ہے کہ بی جے پی کا فرقہ وارانہ پولرائزیشن کامیا ب ہوتا ہے یا پھر ہیمنت سورین کے ترقیاتی کاموں کا ایجنڈا ۔

  • آسام میں شہریت کے سوال پر سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ

    آسام میں شہریت کے سوال پر سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ

    آسام میں شہریت کا تنازع کوئی نیا نہیں ہے۔ لاکھوں افراد کے سروں پر شہریت کی تلوار برسہائے برس سے لٹکی ہوئی ہے۔شہریت کے اسی سوال پر نیلی میں خون کی ہولی کھیلی گئی۔ ایک لمحے میں ہزاروں افراد کو لقمہ اجل بنادیاگیا ۔نیلی میں جان بچانے کیلئے ندی اور تالاب میں کود کر جان دینے والی کی کہانیاں اوراس کے تصور سے روح آج بھی کانپ جاتی ہے۔ مگرشہریت اور باہری کے نام پرنفرت اور دشمنی کا کھیل اب بھی جاری ہے۔تاہم گزشتہ مہینے کے آخری عشرے میں سپریم کور ٹ نے شہریت قانون کی دفعہ 6Aکے آئینی جواز پر جو فیصلہ سنایا ہے کہ اس نے آسام کے لاکھوں افرادکے چہروں پر امیدوں اور اطمینان کی تازہ لہر دوڑا دی ہے۔اب یہ امید جاگی ہے کہ شہریت کے سوال پر سیاست کا کھیل ختم ہوجائے گا ۔ سالوں سے ٹھوکریں کھانے کے بعد این آر سی میں جگہ پانے کے بعد بھی سازش رچی جارہی تھی کہ این آر سی میں جگہ پانے والے لاکھوں افراد کی شہریت کو مشکوک کردیا جائے۔

    1984میں سابق وزیر اعظم راجیوگاندھی کی قیادت والی مرکزی حکومت اور آسام طلبہ  یونین جس میں سابق وزیر اعلیٰ پرفل کمار مہنت بھی شامل تھےکے درمیان معاہدہ ہوا جس میں  25مارچ1 197سے قبل تک آسام میں آنے والے ہر ایک شخص کو بھارت کا شہری تصور کیا جانے کا اعلان کیا گیا تھا ۔اس کو شہریت کے قانون میں تبدیل کرکے 6Aکے تحت درج کیا گیا۔تین دہائی بعد2012میں  اس معاہدہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا اور اس کو آسام کے ساتھ زیادتی اور عدم مساوات قرار دیتے ہوئے عدالت کے سامنے سوال رکھا گیا کہ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ شہریت کا قانون ملک کے دیگر علاقوں کیلئے کچھ اور ہو اور آسام کیلئے کچھ اور ہو ۔ اس کے علاوہ یہ بھی دلیل دی گئی آسام کے اصل باشندوں کی تہذیب و ثقافت اور کلچر کو اس قانون کی وجہ سے نقصان پہنچ رہا ہے۔ دفعہ 6A  آئین کے آرٹیکل 14 (مساوات)، 21 (زندگی اور آزادی) اور 29 (ثقافتی حقوق کا تحفظ) کے تحت ضمانت یافتہ بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کرتی ہے۔عرضی گزاروں نے سیکشن 6A کی قانون سازی کیلئے پارلیمنٹ کی اہلیت کو چیلنج کرتے ہوئے سوال رکھا کہ بھارت کی شہریت کیلئے ملک میں جو کٹ آف تاریخ متعین کی گئی ہےیہ اس کے یہ خلاف ہے۔درخواست گزاروں نے یہ بھی دلیل دی کہ یہ شق جمہوری اقدار، وفاقیت اور قانون کی حکمرانی کو ختم کرتی ہے، جب کہ یہ سب آئین کے بنیادی ڈھانچے کے بنیادی اجزاء ہیں۔ان دلائل کی بنیاد پر درخواست گزاروں نے کئی حل پیش کرتے ہوئے استدعا کی کہ عدالت آئین ہند کی دفعہ 14، 21 اور 29 کی خلاف ورزی کرنے پر سیکشن 6A کو غیر آئینی قرار دیا جائے ۔اس کے ساتھ ہی یہ مشورہ بھی دیا کہ 1951کے بعد آسام میں آنے والے بنگلہ دیشی تارکین وطن کو آباد کرنے کیلئے ریاستوں سے مشورہ کرکے ایک پالیسی مرتب کی جائے ۔

    اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ بنگلہ دیش سے مختلف اوقات میں بڑے پیمانے پر نقل مکانی ہوئی ہےتاہم یہ بھی ایک بڑی حقیقت ہے کہ آزادی کے بعد بنگلہ دیش سے بنگالی مسلمانوں کی آمد کی شرح انتہائی کم رہی ہے۔حکومتوں کے تمام دعوؤں کے باوجود این آر سی کے باہر رہ جانے والے بنگالی مسلمانوں کی شرح انتہائی کم رہی ہے۔جن لوگوں کے نام این آر سی میں شامل نہیں ہوسکے ہیں ان میں اکثریت ا ن مسلمانوں کی ہیں جن کے دستاویز کو تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے رد کردیا گیا ۔ان کے پاس فارن ٹریبونل اور اعلیٰ عدالتوں کے سامنے شہریت ثابت کرنے کے مواقع ہیں ۔چناں چہ دفعہ 6Aکی آئینی حیثیت کو چیلنج کرنے کے پیچھے بھی یہی مقصد کارفرما تھا کہ شہریت کیلئے 1951کی حد کوباقی رکھ کرمسلمانو ں کےسروں پر شہریت کی تلوار لٹکادی جائے۔

    تاہم رخصت پذیر چیف جسٹس آف انڈیا کی قیادت والی پانچ رکنی آئینی بنچ نے 4-1سے اس عرضی کو مستردکرکے ایک بڑے فتنے کو ٹال دیا ہے۔اگر یہ فیصلہ دفعہ 6Aکے خلاف آتا تو آسام میں بحران پیدا ہوسکتا تھا اور اس بحران کا شکار سب سے زیادہ مسلمان ہوتے کیوں کہ غیر مسلموں کی شہریت کیلئے شہریت ترمیمی ایکٹ موجود ہے۔جسٹس پاردی والا نے دفعہ6Aکی آئینی حیثیت کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا تاہم بقیہ چار ججوں بشمول چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ نے گرچہ درخواست کو مسترد کردیا لیکن چندر چوڑ نے اپنا فیصلہ الگ لکھا ۔جب کہ  جسٹس سوریہ کانت، جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس منوج مشرانےایک فیصلہ لکھا ۔ان دونوں فیصلوں میں جو نکتے اٹھائے گئے ہیں وہ آسامی تہذیب و ثقافت کے تحفظ کے سوال کو انسانیت اور بین الاقوامی معاہدوں سے بالا بناکر پیش کرنے کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔سپریم کورٹ نے کہا کہ کسی طبقے کی شہریت ملنے سے کسی دوسرے کے حقوق متاثر نہیں ہوتے ہیں ۔تاہم اس فیصلے کے کچھ ایسے بھی نکات بھی ہیں جو  امیدوں کے ساتھ خطروں کی گھنٹی بھی بجاتے ہیں۔فیصلے میں واضح لفظوں میں کہا گیا ہے کہ 25مارچ 1971کےبعد آسام میں آنے والے تارکین وطن کی شناخت کی جائے اور انہیں ملک بدر کیا جائے۔ ساتھ میں اس پورے عمل کی نگرانی عدالت کے ذریعہ کرانے کی سفارش کی گئی ہے۔ایسے میں سوال یہ ہے کہ شہریت ترمیمی ایکٹ آسام میں کیسے نافذ کیا جائے گا۔گرچہ سپریم کورٹ نے شہریت ترمیمی ایکٹ کے آئینی جواز پرکوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔مگر اس ایکٹ کے ذریعہ صرف بنگالی ہندؤں کو شہریت دینے کی چور دروازے سے کوشش کی گئی ہے اس پر سپریم کورٹ نے یہ کہہ کر تالا لگادیا ہے کہ مارچ 1971کے بعد آنے والے تارکین وطن کے خلاف کارروائی کی جائے ۔

    آزادی سے قبل اور تقسیم کے بعدآسام نے بنگالی ہندوؤں اور مسلمانوں کی ہجرت کی کئی لہر دیکھا ہے۔ آسامی قوم پرستی کے حامیوں نے مذہب سے قطع نظر  تارکین وطن کو ریاست کی ثقافت اور وسائل کے لئے خطرہ کے طور پر پیش کرتے ہوئے تحریک شروع کی ۔غیر آسامیوں کے خلاف کئی سالوں تک تحریک چلائی گئی ۔سیکڑوں افراد کی جانیں گئیں اور اسی مہم کے دوران نیلی قتل عام کا واقعہ پیش آیا۔جس میں قبائلی آبادیوں نے مسلم بستیوں پر حملہ کردیا اور ایک دن میں دوہزار سے زائد مسلمانوں کو قتل کردیا گیا۔طویل احتجاج اور تشدد کے بعد1985میں آسام معاہدہ ہوا جس میں سیکشن 6 اے کو شہریت کے قانون میں شامل کیا گیا تھا۔ اس معاہدے پر ہندوستانی حکومت اور آسامی قوم پرست رہنماؤں کے مابین دستخط ہوئے جنہوں نے بنگلہ دیش سے "غیر قانونی امیگریشن” کے خلاف چھ سال طویل تحریک کی قیادت کی تھی۔اس معاہدے کا ایک نتیجہ یہ تھا کہ ہندوستانی شہریت  کے دروازے ان تارکین وطن پر بند کردئے گئے جو 25 مارچ 1971 کے بعد آسام آئے تھے۔لیکن 2019 میں  نریندر مودی حکومت نے متنازعہ شہریت ترمیمی ایکٹ منظور کیا ، جس نے شہریت دینے کی شرائط کو یکسر تبدیل کردیا۔قانون کے تحت بنگلہ دیش ، پاکستان اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے غیر دستاویزی تارکین وطن کو ہندوستانی شہریت کے لئے راہ ہموار کردی گئی ، بشرطیکہ وہ 31 دسمبر 2014 سے پہلے ہی ملک میں داخل ہوگئے۔ تاہم اس ایکٹ کے فوائد سے مسلمانوں کو محروم کیا گیا ۔شہریت ترمیمی ایکٹ ملک کا یہ قانون مذہبی تفریق کی بنیاد پر بنایا گیا ہے۔یہ سوال الگ ہے کہ پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان سے آنے والے مسلمانوں کی شرح کیا ہے۔کیا حکومت کے پاس ایسی سروے رپورٹ نہیں ہے جس میں حتمی تعداد کی نشاندہی کرسکے ۔تاہم بنگلہ دیشی دراندازی کے نام پر سیاست کا کھیل جارہی ہے۔

    آسام معاہدہ کے تحت جن کےوالدین یا دادادادی 1966 سے قبل آسام میں تھے تو وہ شہری سمجھے جائیں گے۔ اگرآباؤ اجداد 1966 سے 24 مارچ 1971 کے درمیان آسام آئے ہیں تو ، وہ سیکشن  6 اے کے تحت شہریت کیلئے درخواست دے سکتے ہیں ۔اگر کوئی یہ ثابت کرنے سے قاصر ہوجاتا ہے تو اس کو غیر قانونی تارکین وطن سمجھا جائے گا۔تاہم شہری ترمیمی ایکٹ کے ذریعہ بنگالی ہندو کو راحت دینے کی کوشش کی گئی مگر آسام کی پیچیدہ سیاست میں یہ ایکٹ زیادہ کارآمد ثابت نہیں ہورہا ہے۔یہ ایکٹ نافذ ہونے کے بعد سے اب تک شہریت کیلئے چند ہی درخواست جمع کی گئی ہے جس میں صرف ایک بنگالی ہندو کو شہریت ملی ہے۔اخباری رپورٹ کے مطابق بہت سے لوگ شہریت ترمیمی ایکٹ کے تحت مطلوبہ دستاویزات تیار نہیں کرسکتے ہیں۔شمال مشرق میں بنگالی ہندوؤں کے لئے ایک اور پیچیدگی اس حقیقت سے پیدا ہوتی ہے کہ سی اے اے چھٹے شیڈول والے علاقوں میں نافذ نہیں ہوتا ہے۔چھٹے شیڈول کے تحت وہ علاقے ہیں جہاں داخلہ کیلئے اندرونی پرمٹ کی ضرور ت ہوتی ہے۔چھٹے شیڈول میں آسام ، میگھالیہ ، میزورم اور تریپورہ کے کچھ قبائلی علاقے شامل ہیں۔ اندرونی لائن پرمٹ ایک ایسی سفری دستاویز ہے جو دیگر ریاستوں کے ہندوستانی شہریوں کو اروناچل پردیش ، ناگالینڈ ، میزورم اور میں رہنے کے لئے درکار ہے۔

    آسام کی سیاست پر گہری نظر رکھنے والے پولیٹیکل سائنس کے ماہرین کی رائے یہ  ہےکہ یہ فیصلہ 1971 کے بعد ریاست میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی ہجرت کے مفروضے میں’’تنگ وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ایڈووکیٹ امان ودود کہتے ہیں کہ "1971 کے بعد بڑے پیمانے پر ہجرت کو ثابت کرنے کے لئے قطعی طور پر کوئی تجرباتی اعداد و شمار موجود نہیں ہیں۔سپریم کورٹ کی نگرانی میں 2015سے 2019کے درمیان تارکین وطن کا پتہ لگانے کیلئے این آر سی مکمل کیاگیا ۔حتمی این آر سی نے صرف 19 لاکھ افراد کو خارج کردیا۔تاہم ان تمام افراد کو ابھی غیر ملکی قرار نہیں دیا گیا ہے انہیں فارن ٹربیونل میں اپنی شہریت ثابت کرنے کا موقع فراہم دیا جائے گا۔امن ودود کہتے ہیں کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد یہ خدشہ ہے کہ غیر ملکی تارکین وطن کی شناخت کے نام پر مسلمانوں کیلئے تباہ کن حالات پیدا کئے جاسکتے ہیں۔آسام حکومت جو پہلے ہی خود کو مسلم دشمن پالیسی کی علمبردار ثابت کرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑتی ہے وہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے نام پر مسلمانوں کے خلاف مزید کریک ڈاؤن کرسکتی ہے۔انہیں حراستی کیمپوں میں بھیجا جاسکتا ہے۔تارکین وطن کی شناخت کے عمل میں حکومت کی امتیازی پالیسی ہے۔جولائی میں بارڈر پولس کو ہدایت دی گئی ہے کہ غیر مسلم تارکین وطن کو فارن ٹربیونل کے حوالے نہیں کیا جائے ۔اس کا مطلب واضح ہے کہ صرف مسلمانوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ماہرین نے جن خدشات کا اظہار کیاتھا وہ اب حقیقت میں بدل رہے ہیں ۔حالیہ دنوں میں آسام سے جوخبر آرہی ہے کہ کہ بڑے پیمانے پر تارکین وطن حراستی کیمپوں میں بھیجے جارہے ہیں ۔

    لہذا ٓسام میں آباد مسلمانوں کا امتحان ابھی ختم نہیں ہوا ہے ۔6لاکھ مسلمانوں پر شہریت کی تلوار لٹک رہی ہے ۔ایک طرف انہیں شہریت ثابت کرنے کیلئے عدالتوں میں خوار ہونا ہے تو دوسری طرف حراستی کیمپوں میں بے بسی اور بے کسی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔ٹریبونل اور عدالت میں خواری کا عمل اس قدر سخت دشواراور جان لیوا ہے کہ بسا اوقات زندگی ختم ہونے کے بعد شہریت کا پروانہ ملتا ہے۔کسی نے یہ سچ کہا ہے کہ سیاست دانوں کے سینوں میں دل نہیں ہوتے ہیں بلکہ دل کے نام پر وہ پتھر اٹھائے پھرتے ہیں۔ وہ دماغ سے سوچتے ہیں اور دماغ سے ہی فیصلہ کرتے ہیں ۔چناں چہ سیاسی نفع و نقصان کی خاطر آسام میں جاری بحران کا انسانی حل نکالنے کی کوشش نہیں ہورہی ہے ۔یہاں سوال ہندو یا مسلمان  کا نہیں ہے۔کیوں کہ 13لاکھ ہندو بنگالی جنہیں این آر سی میں جگہ نہیں ملی ہے کیا وہ شہریت ترمیمی ایکٹ کے تحت شہریت کیلئے یہ اقرار کریں گے وہ بنگلہ دیش سے بھارت میں آئے ہیں ۔ان کے پاس بنگلہ دیش کی شہریت کی کوئی دستاویز ہے؟ظاہر ہے کہ بنگالی ہندو بھی اسی کرب سے گزررہے ہیں ۔بس سیاست داں ہیں جو ان تارکین وطن کو ہندو اور مسلمان کے نام پر تقسیم کررہے ہیں ۔حقیقت تو یہی ہے کہ آسامیوں کے دلوں میں نفرت یکساں ہے۔ وہ بنگالی ہندو اور مسلمانوں دونوں کو یکساں طور غیر تصور کرتے ہیں ۔

  • بہرائچ مسلم مخالف فساد

    بہرائچ مسلم مخالف فساد

    بہرائچ ضلع کے مہاراج گنج قصبے میں گذشتہ 13؍ اکتوبر کو درگا وسرجن جلوس کے دوران مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیزی کے بعد پھوٹ پڑنے والے تشدد کے واقعات کے نئے ابٍ حقائق سامنے آ رہے ہیں۔ فساد کی شروعات اس وقت ہوئی جب مسلم اکثریتی علاقے سے درگا وسرجن جلوس نکالا گیا۔ جلوس کے دوران ڈی جے پر اشتعال انگیز ی کی گئی اور مسلم مخالف نعرے لگائے گئے ۔اس دوران ہجوم نے کھلے طور سے مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز نعرے لگائے ۔ علاقے کے مسلمانوں نے جلوس میں شامل لوگوں سے ڈی جے بند کرنے کی اپیل کی ۔لیکن جب اس کا کوئی اثر نہیں ہوا تو سرفراز نام کے ایک نوجوان نے ڈی جے سسٹم سے پین ڈرائیو نکال دیا ۔اس کے بعد جلوس میں شامل شر پسندوں نے ہنگامہ شروع کر دیا اور تشدد پر آمادہ ہو گئے ۔مشتعل ہجوم نے مسلمانوں کے گھروں اور دکانوں پر حملہ کرناشروع کر دیا ۔ایسا لگ رہا تھا کہ سب کچھ پہلے سے شدہ منصوبے کے تحت ہو رہا ہے ۔معروف سماجی کارکن تیستا سیتلواڈ کی پہل پربنارس کے سینئر صحافی وجئے ونیت نے گراؤنڈ زیرو سے فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ جاری کی ہے ۔’سب رنگ ‘ کی طرف سے جاری اس رپورٹ میں بہرائچ فساد سے متعلق نئے حقائق سامنے آئے ہیں ۔ رپورٹ میں بی جے پی کے لیڈران کے علاوہ پولیس کے کردار پر بھی سنگین سوالات اٹھائے گئے ہیں ۔رپورٹ میں اس بات پر زور دے کر کہا گہا ہے کہ پولیس نے تشدد پرآمادہ ہجوم کو روکنے یا ان کو قابو کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی۔چشم دید بیانات کے مطابق درگا وسرجن جلوس جب مہسی علاقے میں عبدالحمید کے مکان کے سامنے پہنچا تو اس وقت ڈی جے پر مسلمانوں کے خلاف نہایت ا ہانت آمیز گانے بجائے جا رہے تھے ۔ہجوم میںلگاتار مسلم مخالف نعرہ  لگا یا جا رہا تھا جس کی وجہ سے مسلمانوں میں ناراضگی پھیلی ۔ مقامی عبد الحمید کے بیٹے سرفراز احمد نے ہجوم کے اس رویے پر اعتراض کیا اور ڈی جے سسٹم سے پین ڈرائیو نکال دیا ۔اسی وقت جلوس میں شامل نوجوان رام گوپال مشر ا غصے کی حالت میں سرفراز کے مکان پر چڑھ گیا اور چھت پر لگے سبز پرچم کو پھاڑ کر اس کی جگہ بھگوا جھنڈا پھہرا دیا ۔ یہ پورا منظر ویڈیو میں قید ہے، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔وائرل ویڈیو میں رام گوپال مشرا کو سرفرازکے مکان کی چھت پر چڑھتے ہوئے اور بھگوا جھنڈا پھہراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔اس ویڈیو میں یہ بھی نظر آرہا ہے کہ بھگوا جھنڈا پھہرانے کے بعد رام گوپال مشرا نے چھت کی ریلنگ کو دھکے مار کر گرا دیا ۔ اسی دوران کہیں سے گولی چلی جو رام گوپال مشرا کو لگی ۔اس کی موقع پر بھی موت واقع ہو گئی ۔اس واقعے کے بعد تشدد پر آمادہ ہجوم نے مسلمانوں کے گھروں اور ان کی دکانوں کو نشانہ بنایا شروع کر دیا ۔مہسی اور مہاراج گنج علاقے میں مسلمانوں کے دکانوں کو لوٹا گیا اور ان کو آگ لگا دی گئی ۔اس میں کئی بڑے شو روم اور بڑی دکانیں شامل ہیں ۔انتظامیہ نے پورے بہرائچ ضلع میں انٹر نیٹ سروس معطل کر دی اور مسلمانوں کی دھر پکڑ شروع ہو گئی ۔

    17؍اکتوبر کو پولیس نے سرفراز احمد اور محمد طالب کو ایک انکاؤنٹر کے دوران دونوں پیروں پر گولی مار کر گرفتار کر لیا۔شدید طور سے زخمی سرفراز اور طالب کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ۔اس انکاؤنٹر کے بارے میں پولیس کا وہی رٹا رٹا یا بیان سامنے آیا جو ایسے موقع پر میڈیاکے لیے جاری کیا جا تا ہے ۔ رام گوپال مشرا کی موت کے بعد افواہوں کا بازا رگرم ہو گیا ۔گرچے بہرائچ میں انٹر نیٹ سروس بند کر دی گئی تھی لیکن اس کے با وجود بہت منظم طریقے سے ایسی افواہیں پھلائی گئیں کہ جس سے مسلمانوں کے خلاف جذبات کو بھڑکایاجا سکے ۔ افواہوں کے ذریعے یہ بات پھیلائی گئی کہ رام گوپال مشرا پر تشدد کرکے مارا گیا ہے ۔ اس کو کرنٹ لگائے گئے اور اس کے ناخن اکھاڑے گئے۔کئی دنوں تک چلی ان افواہوں نے مسلمانوں کے خلاف ہونے والے تشدد کی آگ میں گھی ڈالنے کا کام کیا ۔لیکن پولیس نے ان افواہوں کو روکنے اور اس کو پھیلانے والوں کے خلاف کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کی ۔بہرائچ ضلع کے چیف میڈیکل افسر کی طرف سے جاری رام گوپال مشرا کی پوسٹ پارٹم رپورٹ نے افواہوں کی شدت میں کمی لانے میں اہم کردار ادا کیا ۔پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ رام گوپال مشرا کی موت گولی لگنے سے ہوئی ہے ۔پی ایم رپورٹ میں کہا گیا کہ رام گوپال کو نہ تو کرنٹ لگا کر مارا گیا اور نہ ہی اس کے ناخن اکھاڑے گئے ۔پولیس اعلیٰ افسران نے بھی پوسٹ مارٹم رپورٹ کی تصدیق کی اور یہ تسلیم کیا کہ رام گوپال مشرا کی موت گولی لگنے کی وجہ سے ہوئی ۔

    بہرائچ مسلم مخالف فساد کے دوران پولیس کا کردار جانب دارانہ بلکہ مشتعل ہجوم کو مدد پہنچانے والا بھی تھا۔اس ضمن میں ’سب رنگ‘  کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میں نیوز پورٹل ’’ بھاسکر ‘‘ کا حوالہ خصوصی طور پر دیا گیا ہے ۔نیوز پورٹل بھاسکر نے بہرائچ فساد پر ایک اسٹنگ آپریشن کیا تھا ۔اسٹنگ آپریشن میں جلوس میں شامل دو نوجوانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے ان کو تشدد کرنے کے لیے دو گھنٹے کی چھوٹ دی تھی ۔اسٹنگ آپریشن میں فساد میں شامل دو نوجوانوں نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے ان کو تشدد کو بھڑکانے کے لیے دو گھنٹے کا وقت دیا تھا۔تشدد کے دوران قیمتی گاڑیوں کو جلایا گیا اور دکانوں کو آگ لگائی گئی۔اس دوران پولیس متاثرہ علاقے سے ہٹ گئی تھی ۔دونوں نوجوانوں نے یہ بھی بتایا کہ اگر کچھ لوگ موقع پر غداری نہ کرتے تو پورا بازار جل کر راکھ ہو جاتا ۔فساد کے دوران مسلمانوں کے گھروں کو نشانہ بنایاگیا ۔گھروں سے باہر کھڑی گاڑیوں کو آگ لگائی گئی ۔ اس غارت گری میں سب سے بڑا نقصان ہیرو بائک کے شوروم کا ہوا ۔ شوروم میں کھڑی 35؍ بائک کو شر پسندوں نے آگ لگا کر راکھ میں تبدیل کر دیا ۔مہسی اور مہراج گنج علاقے کے مسلمانوں کی بڑی دکانوں اور ان کے کاروبار کو بڑے پیمانے پر نشانہ بنایا گیا ۔ اس فساد میں مسلمانوں کو اقتصادی طور پر تباہ کرنے کی منظم کارروائی کی گئی تھی ۔ تشدد اور لوٹ پاٹ کے بعد پولیس نے ایک طرفہ طور سے مسلمانوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے ۔ پولیس اب تک ایک سو سے زائد افراد کو گرفتار کر چکی ہے ۔اس میں انکاؤنٹر کا شکار سرفراز ، ان کے والد عبد الحمید ، محمد طالب ، فہیم اور ساحر خان کے نام شامل ہیں ۔پولیس ان کو فساد اور تشدد بھڑکانے کا ماسٹر مائنڈ کے طور پر پیش کر رہی ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ جن لوگوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے ان کی شناخت سی سی ٹی وی کیمرے کے ذریعے کی گئی ہے ۔ سب رنگ کی جانب سے جاری فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میں پولیس کے کردار پر سنگین سوال اٹھائے گئے ہیں ۔مقامی لوگوں کے مطاق مشتعل ہجوم جب توڑ پھوڑ اور آگ زنی میں مصروف تھا اس وقت علاقے سے پولیس ہٹ گئی تھی ۔گویا پولیس کی جانب سے فسادیوں کو کھلی چھوٹ دے دی گئی تھی ۔یہی نہیں فساد کے دوران ضلع کے ایس ایس پی پوتر موہن ترپاٹھی بھی منظر عام سے غائب ہو گئے تھے ۔

    تقریباً  ایک ماہ گذرجانے کے بعد بھی مہاراج گنج میں ابھی تک حالات معمول پر نہیں آ سکے ہیں ۔مسلمانوں میں خوف کا یہ عالم ہے کہ وہ ابھی تک اپنی معمول کی زندگی شروع نہیں کر پائے ہیں ۔ان کی دکانیں جلا دی گئی ہیں اور کاروبار بند پڑے ہیں ۔مہسی تحصیل کی رام پور

    چوکی ، بھگوان پور ، واجپائی پور اور منصور گنج جانے والے تمام راستوں کی پولیس نے بیری کیٹنگ کر رکھی ہے ۔ راستے سے گذرنے والے لوگوں سے سخت پوچھ گچھ کی جارہی ہے اور مشتبہ افراد سے شناختی کا رڈ طلب کئے جا رہے ہیں ۔پور علاقے میں خوف اور غیر یقینی کا ماحول ہے ۔فساد کے بعد علاقے میں مسلمانوں کے گھروں اور دکانوں کو بلڈوز کئے جانے کا خطرہ منڈرا رہا ہے ۔انتظامیہ نے متعدد دکانوں اور مکانوں پر منہدم کرنے کا نوٹس چسپاں کر دیا ہے ۔حکومت کی اس کارروائی کے خلاف الہ آباد ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی گئی ہے ۔ہائی کورٹ نے فی الحال انہدام کی کارروائی پر 11؍ نومبر تک کی روک لگا دی ہے ۔لیکن عدالت سے ماورا ریاستی حکومت نے غیر قانونی قبضہ ہٹانے کے نام پر مسلم علاقے کے بعض مکانوں کو منہدم کرنے کا نوٹس چسپاں کر دیا ہے ۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ غیر قانونی طور سے تعمیر کیا گیا ہے ۔فساد کے بعد علاقے میں کئی تھانوں کی پولیس رات میں مسلمانوں کے گھروں پر چھاپے مار رہی ہے۔پولیس ان افراد کو تلاش کر رہی ہے جن کے نام ایف آئی آر میں درج ہیں ۔پولیس کی اس کارروائی سے علاقے کے لوگوں میں خوف کا ماحول ہے۔  مہاراج گنج میں کئی خاندان اپنے مکان چھوڑ کر دوسرے علاقوں میں منتقل ہو گئے ہیں ۔دکانیں اور کاروبار بند ہیں صرف مہاراج گنج میں ہی نہیں بلکہ آس پاس کے گاؤں میں بھی اس کے اثرات دیکھے جا سکتے ہیں۔

    بہرائچ مسلم مخالف فساد میں مقامی پولیس اور حکمراں بی جے پی کی ساٹھ گانٹھ بھی کھل کر سامنے آ گئی ہے ۔ اس معاملے میں ایک نیا موڑ اس وقت آیا جب مہسی ودھان سبھا سے بی جے پی کے ایم ایل اے سریشور سنگھ نے بھاجپایووا مورچہ کے مقامی صدر ارپت سریواستو اور پنڈریک پانڈے سمیت سات دیگر افراد کے خلاف پولیس میں ایف آئی آر درج کرائی ۔بھاجپا ایم ایل اے سریشور سنگھ نے ایف آئی آر میں الزام لگایا ہے کہ رام گوپال مشرا کو گولی لگنے کے بعد جب بی جے پی کارکنان لاش لیکر اسپتال کے باہر احتجاج کر رہے تھے تو وہ بی جے پی کارکنان کو سمجھانے بجھانے گئے تھے ۔لیکن اس وقت ارپت سری واستو اور پنڈریک پانڈے نے اپنے حامیوں کے ساتھ ان پر قاتلانہ حملہ کر دیا ۔بی جے پی ایم ایل اے سریشور سنگھ کی طرف سے درج کرائی گئی اس ایف آئی آر کے خلاف الہ آباد ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی گئی ۔عرضی میں عدالت سے مانگ کی گئی کہ درج کی آگئی ایف آئی آر کو منسوخ کر دیا جائے ۔عدالت نے سماعت کے بعد ارپت سری واستو اور دیگر کے خلاف درج ایف آئی آر کو رد کرنے سے انکار کور دیا ۔بہرائچ فساد پر یو پی کی ایوزیشن پارٹیوں کا رد عمل بھی مایوس کن رہا ہے۔کانگریس اور سماج وادی پارٹیوں نے زبانی جمع خرچ علاوہ ابھی تک کچھ نہیں کیا ہے ۔ دونوں سیاسی پارٹیوں نے بہرائچ فساد کی رسمی مذمت کی ہے ۔ کانگریس اور سماج وادی پارٹی نے بہرائچ فساد کے لیے یوگی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے اور پولیس کے کردار پر اپنے سوال کھڑے کئے ہیں ۔